خط بھجوانے کے لیے پتا۔ خواتین ڈائجسٹ۔ 37۔ اردو بازار کراچی۔
ناہید اسمعیل . کراچی
ٹائٹل خوش رنگ اورپیارا لگا۔ کہنی سننی میں وطن عزیز کے حالات کا درست ترین جائزہ مختصر اور جامع الفاظ میں پیش کیا گیا۔ کرن کرن روشنی میں صلہ رحمی اور صدقات کا بیان ہمارے لیے بہترین تربیت اور سبق ہے۔
’’شام سے پہلے آنا ‘‘ اس خوب صورت شاعرانہ عنوان کے ناول میں ہمیں تجسس ہے کہ یہ عنوان کس پرفٹ ہونے والا ہے تیمور جتنا سلجھا ہوا نیک اور فرماں بردار ہے ۔رافع اتنا ہی ڈھیٹ اور بگڑا ہوا اور نسیم کو کیا کہیں دونوں شرمسار ہونے کے بجائے اپنے گناہ پرا کڑ گئے ۔نسیم کا رول شاید اب ختم ہوا ،آگے رافع صاحب اور کیاکیا گل کھلائیں گے نورالعین روایتی ماں کے روپ میں دکھائی دیں کہ بیٹے کو ذرا اسی سرزنش اور بس۔ فائزہ کا دوسرا امتحان شروع ہو گیا یعنی میکے میں رہنا ۔ ’’ابتہال‘‘ کی غیر حاضری نے تھوڑا مایوس کیا۔
صدف ریحان گیلانی کی آمد زبردست رہی بیاض زیست ، عنوان اور پلاٹ ایک دوسرے سے مکمل ہم آہنگ تھے حمنہ بظاہر عام گھریلو سی لڑکی مگر اس کی کشادہ دلی اور کمپرومائزنگ فطرت نے اسے عام سے ہٹا کر خاص انسانوں کی صف میں لا کھڑا کیا جو دت نے اپنی جذباتیت اور بے صبری کے ہاتھوں جو نقصان اٹھایا ۔اس نقصان کا احساس اسے کیئرنگ اور میچور بنا گیا ۔عدن کے ننھے منے سے کیریکٹر نے کہانی کی خوب صورتی اور بڑھا دی اس کے معصوم مکالمے لبوں پر مسکراہٹ لانے کا سبب بنے۔
عائشہ نصیر احمد کا ناول اچھا لگا ابتدائی کچھ صفحات تو اس چھان بین میں لگ گئے کہ کون کس کا کیا لگتا ہے اور جب کہانی سمجھ میں آنے لگی تب باقی آئندہ نے مزہ کرکرا کر دیا۔ کہتے ہیں زن زر اور زمین فساد کا باعث بنتے ہیں یہ تینوں ہی جیسے صف باندھے کھڑے ہیں اور ان کے آگے ضد اور انا سپہ سالار بن کر مورچہ سنبھالے ہوئے ہیں اب دیکھیں جیت کس کا نصیب بنتی ہے اور مات کس کے حصے میں آتی ہے۔
خالص خون تاریخی پس منظر میں لکھی شاید ایک سچی کہانی یا رائٹر کا خوب صورت تخیل جو دلکش پیرائے میں ہم تک پہنچا۔ وزیروں اور مشیروں کی پھیلائی غلط فہمیاں ، تخت و تاج اور اقتدار کی خواہش ، اپنے ہی خون کی نفرت اور اس کے خلاف سازشیں اس کہانی کے خاص رنگ تھے ۔ فاطمہ کی زیادتیاں انسان اور حیوان دونوں پر یکساں نظر آئیں جس کی اسے سزا قدرت سے مل کے رہی ۔ہمارے خیال میں قیس کو اس سے شادی نہیںکرنی چاہیے تھی اور فاطمہ کے بہکاوے میں آ کر اختتام تک قیس کی طرح ہم بھی یہی سمجھتے رہے کہ شہزادی عام انسان کو منتخب نہیں کرے گی۔ (ہاہاہا) لیکن شکر ہے شہزادی نے عقل سے کام لیا۔ سو دیر آید درست آید۔
ریحانہ چودھری کا فسانہ ہر گھر کی کہانی ہے نصرت بیگم نے اپنی بیٹیوں کی جیسی تربیت کر رکھی تھی مائوں کی اکثریت اسی روش پر گامزن ہے اور نصرت بیگم ہی کی طرح اپنی ہٹ پر قائم بھی رہتی ہیں وہ یہ نہیں سمجھتیں کہ گھر کو خوشیوں کا گہوارہ بنانے کے لیے عظیم صاحب جیسی سمجھ داری اور انصاف ضروری ہے۔
حمیرا شفیع کی پھلکی تحریر اچھی لگی واقعی اچھی صحت قائم رکھنے کے لیے کھانے پینے میں اعتدال بہت ًضروری ہے ۔
بد دعا میں خالہ کی بیٹی کی مبہم سی بات تو ہماری سمجھ میں نہ آ سکی البتہ آخری سطور پڑھ کر ہم نے اندازہ لگایا کہ بد دعا وغیرہ کا کوئی وجود نہیں تھا محض ایک وہم تھا جسے ان کے بزرگوں نے نسل در نسل پھیلایا ہوا تھا۔
پچھتاوا سبق آموز تحریر تھی ۔زندگی میںاچھے انسانوں کا مل جانا بھی نعمت ہے اور نعمتوں اور رحمتوں کی ناقدری کرنے والوں کا انجام یہی ہوا کرتاہے جو عفت کا ہوا۔
نسیم ارشد نے اعتقاد میں بہت اچھا پیغام دیا کہ ضعیف الاعتقادی چھوٹے چھوٹے واہموں کو ہوا بنا کر بندے کو کفر اور شرک کی طرف راغب کر دیتی ہے۔
عقیلہ ہاشمی کا افسانہ اچھا لگا یعنی ایسا بھی ہوتا ہے کہ شوہر کی کم گوئی اور سنجیدہ طبیعت بیوی کو اس کی طرف سے ایسی بدگمانی میں مبتلا کر دے۔ تب یقینا بیوی ثمرہ جیسی نا سمجھ ہی ہو سکتی ہے جو شادی کے دس سالوں میں بھی شوہر کو نہ سمجھ سکی۔
تعلق متاثر کن تحریر تھی ،اختتام اچھا ہونے کے باوجود بھی افسردہ کر گیا کیونکہ اولاد والدین کی زندگی میں خیال بھی رکھتی ہے محبت اور فرماں برداری بھی کرتی ہے پھر بھی دیکھا جائے تو انہیں فورگرانٹڈ لیتی ہے ۔
لبنیٰ آصف نے کیا خوب حکمت عملی سکھائی اور جناب یہ حکمت صرف نئی شادی شدہ لڑکیوں کے لیے ہی نہیں بلکہ ہر فرد کو اپنانی چاہیے کہ کسی کی تنقید پر احساس کمتری میں مبتلا ہونے کے بجائے پہلے اس کا بھی جائزہ لیا جائے کہ وہ خود کتنے پانی میں ہے۔
انشاجی کے دعوت نامے نے پہلی سطر سے آخری سطر تک ہنسایا۔ واہ بہت خوب ۔ آسیہ رئیس خان کا انٹرویو ایک بہت ہی خوب صورت اور خوش گوار سر پرائز تھا شنو آپی خوش کیتا ای۔ ہاہا ۔ آسیہ رئیس اپنی تصویر سے ہی کتنی سادہ بناوٹ سے پاک اور منکسر المزاج لگ رہی ہیں۔ ان کے انٹرویو کا ایک ایک لفظ غور سے پڑھا ان کا پرتجسس ہونا۔ شرمیلا پن ، ان کی قابلیت اور والدین سے فرماں برداری ، ہر خصوصیت دل میں گھر کرنے والی ہے اور رائٹر تو وہ ہیں ہی زبردست۔ نازیہ امجد نور کا باورچی خانہ اچھا لگا ہمیں بریانی بالکل پسند نہیں لیکن ان کی بریانی کی ترکیب سوائے آلو اور چاٹ مسالہ کے اچھی تھی۔ میرے ذاتی خیال میں آلو بریانی کی کھلی بے عزتی ہے کیونکہ آلو بریانی کا حصہ ہے ہی نہیں لیکن اپنی اپنی پسند ہے بھئی۔
بیاض میں افروز بیگم اور علیزہ خان کے اشعار دل کو بھائے۔ ڈائری فاکہہ سہیل اور حمد ہ خان کی زبردست لگی حمدہ نے نہ اور نا کی تشریح کر کے ہم جیسوں کی مشکل آسان کر دی شکریہ حمدہ۔
بہنوں کی محفل میں اپنے تبصرے پر آپ کا جواب پڑھ کر اتنی خوشی ہوئی کہ بیان سے باہر ہے آپی لکھنے کا دل تو چاہتا ہے لیکن ناکامی سے ڈر بھی لگتا ہے۔ اور مجھے لگتا ہے میں اتنی قابل بھی نہیں۔ صدف ناصر کہاں غائب ہیں ہم انہیں مس کر رہے ہیں۔ فرخندہ کا تبصرہ لاجواب رضوانہ فاروقی ، سلمیٰ مسرت ، ریحانہ چودھری کے تبصرے اچھے لگے سعدیہ کا تبصرہ بقول آپ کے اچھا تھا ۔آپی یہ کیا بات ہوئی آپ نے پورا پڑھ لیا اور ہمیں مختصر دیا۔ جائیے ہم ناراض ہیں ‘‘ پلیز اس محفل کے صفحات بڑھا دیں کیونکہ یہ پیاری محفل پورے رسالے کی جان ہے۔
ج:پیاری ناہید !تبصرہ ہمیشہ کی طرح مدلل اور معقول ہے۔افسانہ لکھیں ضرور ،ناکامی کا ڈرکیسا۔ زیادہ سے زیادہ یہی ہو گا کہ شائع نہیں ہو گا۔ پھر آپ دوسرا افسانہ لکھ لیجیے گا ممکن ہے پہلا افسانہ شائع نہ ہو دوسرا شائع ہو جائے۔
ہاں بریانی کے بارے میں آپ سے متفق ہیں ۔ ہماری آپ سمجھ میں تو مسالہ والی بریانی آتی نہیں۔ اچھی بھلی بریانی کو بارہ مسالوں کی چاٹ بنادیاہے۔
فرحت یاسمین . ٹیکسلا
کیا حال ہے آپ کا ؟ میں ٹھیک ہوں۔ تیرہ کواکتوبر کا پرچا ملا۔ چودہ اکتوبر کو پڑھا ہے اور رات کو خط لکھ رہی ہوں ۔ ڈائجسٹ خریدنا اور خط پوسٹ کرنا یہاں بہت مشکل ہے۔ میرا بیٹا عمر اس نے خط پوسٹ کیا تھا آپ نے شائع کیا شکریہ ۔
میں سب سے پہلے کہنی سننی پڑھتی ہوں، آپ نے سچ لکھا واقعی اتنی مہنگائی ہے کہ غریب آدمی کیا کرے بجلی گیس کے بل ،بچوں کی فیس اور گھر کا سودا سلف ،آٹا پٹرول سب مہنگے ہوگئے جو ممالک ہم سے بعد میں آزاد ہوئے وہ کتنی ترقی کر چکے ہیں۔ ہم وہی کہ وہی کاش ہمارا ملک بھی بہت بہت ترقی کرے۔ (آمین)
اس کے بعد فہرست دیکھتی ہوں لیکن نئے نام ہوتے ہیں۔ عمیرہ احمد ، نمرہ احمد ، سمیرا حمید اور فرحت اشتیاق نہیں لکھ رہیں۔ عمیرہ احمد اور فائزہ افتخار ،عالیہ بخاری مختلف چینل پر ڈرامے آن ایئر ہیں۔
رفعت سراج کا ایک ناول کافی سال پہلے شائع ہوا تھا۔ انہوں نے پورا نہیں کیا پہلے میں نے چھوٹے افسانے پڑھے ہیں ،سب ہی اچھے ہیں۔ حکمت عملی اچھا ہے پھپھو نے اچھا مشورہ دیا کہ بدتمیزی نہ کرو لیکن خاموش بھی نہ رہو اور ساس کو بھی ہر وقت تنقید نہیں کرنی چاہیے تھی۔
اعتقاد نسیم ارشد اچھا موضوع لائی ہیں لیکن جناب ہمارے ملک سے جادوٹونا اور شرک نہیں ختم ہونا ۔کوئی گھر میں بیماری ہے ۔پریشانی ہے چلو بابے کے پاس ۔یہ دین سے دوری ہے قرآن کو سمجھ کر ترجمہ سے پڑھیں تو بابے کے پاس نہ جائیں ۔
پچھتاوا لڑکیوں کے لیے سبق ہے کہ خاوند اور اس کی ماں کی عزت کرو اور اپنی عزت کرواؤ ۔ شادی کے اتنے مہینے کام نہ کرو اور بدتمیزی بھی کرو۔
گمان عقیلہ ہاشمی کی اچھی ہے ،کسی دوست کی باتوں میں آ کر شوہر کے خلاف برا گمان نہ رکھو۔ ریحانہ چوہدری کی کل نہیں آج زبرست ہے۔ آج کل کی مائیں بیٹی کو بڑھاوا دیتی ہیں ،بجائے سمجھانے کے ،میں خود بھگت رہی ہوں۔ شادی سے پہلے لڑکی کی تربیت کرو کام بھی نہیں آتے باتیں جواب دینا اور ماں سے غیبت کرنا سبق آموز ہے۔ میں ڈائٹ پر ہوں ،بہت مزے کی اسٹوری ہے۔ واقعی جو کھانے کی چیز فریج میں ہو وہ یاد آتی رہتی ہے میں بھی جم جاتی رہی ہوں شاید ایک یا ڈیڑھ سال لیکن ذرا بھی فرق نہیں پڑا۔
اور اب باری ہے شام سے پہلے کی۔ اچھی جا رہی ہے۔ میاں نے اچھاتو نہیں کیا۔ دوسری شادی کر کے لیکن پھر بھی فائزہ نہ جاتی آگے سے بھائی بھابھی کون سا اچھے ہیں۔ میرا تو دل دکھ گیا مٹھو بھی خوش نہیں دادا کو اتنا یاد کرتا ہے۔ لیکن فائزہ گھر نہ چھوڑتی دن کو میرے کام ہوتے ہیں۔ کلاس لینے جاتی ہوں ناشتے کے بعد واپس آتی ہوں باقی کا کام اور بیٹی کے بچے رکھنے ہوتے ہیں۔ کام والی بھی آتی ہے میری کلاس کے بعد۔ جب میری بیٹی پیدا ہوئی تھی تو میں بہت چھوٹی تھی ۔شادی پندرہ سال کی عمر میں ہوئی ۔میاں بھی کم عمر تھے تو بیٹی کا نام رکھنا نہیں آتا تھا نہ سوچا تھا نہ اس وقت بیٹی یا بیٹے کا نہیں بتاتے تھے ڈھائی یا تین مہینے کے بعد اس کا نام سندس رکھا۔ یہ نام بھی میں نے ڈائجسٹ میں اس زمانے پڑھا تھا۔ میں نے آپ کو بتایا تھا کہ میں 35 سال سے ڈائجسٹ پڑھتی ہوں۔
یہ دلچسپ قصہ تھا میں نے کہا کہ آپ سے شیئر کروں اب بیٹی نے فاطمہ اور فاتح نام رکھے ہیں فاتح نمرہ احمد صاحبہ کے ناول میں تھا۔ فاطمہ اس کے میاں نے رکھا ہے۔ یعنی اس زمانے ہم لوگ شرم کی وجہ سے نام دیر سے رکھتے تھے میاں کی ایک کزن گڑیا کہتی تھیں پھر میری بیٹی کا نام گڑیا ہو گیا ہے۔
آسیہ رئیس خان کا انٹرویو بہت بہت دل سے پڑھا ہے اچھا انٹرویو ہے ماشائ اللہ سگھڑ ہیں کپڑے جو سلائی کر لیتی ہیں رائٹر بھی اچھی ہیں میں ان کو پڑھتی رہتی ہوں لیکن رات کو اب مجھے کوئی اسٹوری آسیہ کی یاد نہیں آ رہی میں تبھی سلائی کرتی ہوں۔
ہم تو ساری زندگی ڈائجسٹ پڑھ پڑھ کے بھی رائٹر نہ بنے۔ بس اللہ کا کرم ہے اللہ تعالیٰ ہی الفاظ اتارتے ہیں بہرحال انٹرویو بہت اچھا ہے۔ باقی ڈائجسٹ ان شائ اللہ پھر فرصت میں پڑھوں گی یہاں ٹیکسلا میں موسم اچھا ہو گیا ہے بارشیں ہوتی رہی ہیں صبح تھوڑی دیر لگتی ہے باقی دن کو تھوڑی گرمی ہوتی ہے کل بھی بارش ہوئی۔
ج:پیاری فرحت !کراچی میں توابھی گرمی کا موسم ہی چلا رہا ہے ۔دسمبر جنوری میں بھی یہاں سردی نہیں آتی۔عمربیٹے کوہماری طرف سے شکریہ اور دعاپہنچا دیں۔ خط بہت اچھا لکھا ہے آئندہ بھی رابطہ رکھیے گا۔
گوشی جمال . منڈی یزمان
ماہ سے مجھ پہ دندل پڑی ہوئی ہے وجہ گوگل کی دھاندلی ہے۔ ادارہ خواتین کے سارے پرچے ہماری مارکیٹ جو سکون پسند اور کاہلی کے آخری دہانوں پہ عرصہ سے ہے ، براجمان ہے متعدد چکروں پہ بھی شمارے 10تاریخ کے بعد ہی ددستیاب آتے تھے وہ تو دور جدید کا بھلا ہو مقررہ وقت پہ گوگل پہ نظر آجاتے آدھا مطالعہ وہیں سے وقوع پذیر ہو جاتا ، اب دو ماہ سے کن کن جتنوں کے باوجود نظروں سے اوجھل ہو گئے ہیں۔ کوئی پرچہ ٹائم سے پڑھ پایا ہی نہیں جا رہا البتہ فیس بک پہ کچھ پیج ہیں جو قسطوں پہ مشتمل شمارہ فراہم کر دیتے ہیں۔ اللہ جانے گوگل سے کیوں ہٹا دیے گئے ہیں۔ آفیشل ویب سائیڈ کی دریافت منظر عام پہ آ چکی ہے لیکن وہاں سوائے جھلکیاں نظر آتی ہیں باقی سلسلے نئے پرانے دستیاب نیا پورا پرچہ غائب ہے ۔
اکتوبر کے تینوں پرچے گلابی گھول سے تیار شدہ ملے۔ دنیامیں ہر طرف گورا رنگ اور ظاہری خوب صورتی ہی نہیں ہے ۔ سانولی رنگت پہ تیکھے نقوش بھی اٹریکٹ کرتے ہیں۔ اے آئی کا دور ہے جیسا مرضی فائدہ اٹھائیں۔
تقریر کا رخ دوسری طرف موڑتے ہیں۔ ادارہ کا بے حد شکریہ میری پہلی کاوش پہ اعزازیہ سے نوازنے کا خود کو رائٹر کی لسٹ میں پا کر خود کو کاغذ قلم سمیت ساتویں آسمان پہ پایا۔ کوئی سیڑھی لگا کر مجھے نیچے اتارے کہیں بادلوں میں برسات کی شکل نہ اختیار کر لوں۔ کیسا لگا میرا مخول .؟
اکتوبر کی دھول مٹی سے اٹی شاموں کو ویسے بھی برسات کی لوڑ ہے۔ سردی تو دیوانے کا خواب بن کر رہ گئی ہے۔ راحت جبیں کے ناول شام سے پہلے آنا کا ذکر ہو جائے۔ بہترین شہکار ہے۔ ’’انگنا پھول کھلیں گے‘‘ سے زیادہ اوپری درجے کا ناول ثابت ہو رہا ہے ، خاتون کے نام تھوڑے اولڈ سلیکٹ کیے ہیں۔ ماں نورالعین بیٹی صباحت اور ہیروئین نیلوفر ، نیلو فرنام ڈھیر سارے ناولزمیں پڑھ چکے ہیں ۔ کہانی کا پس منظر نوابوں کے دور کا نہیں ہے۔ کہانی سادہ سہل اور آسانی سے دل میں گھر کر رہی ہے۔
فائزہ کا کردار مجھے بہت اپنا اپنا سا محسوس ہوتا ہے اور پیارا سا مٹھو، اللہ فائزہ کے لیے آسانیاں پیدا کرے۔ پانچویں قسط ابھی پڑھی نہیں جانے فائزہ کے ابا کیا بم پھوڑیں گے۔
ٹائٹل پہ افسانہ نمبر لکھنا بھول گئے اندرونی معاملات میں وافر مقدار میں افسانے براجمان ہیں۔
تاریخی خاتون آسیہ رئیس خان سے آدھی ملاقات خوب رہی باقی شغل نومبر کے پرچے میں ہو گا۔ پڑوسی ملک سے پیاری آسیہ کی خدمات کو ڈھیروں سلام۔
جس لفافے میں سے آپ نے میرا نمبر لیا اس میں ایک عدد ناول بھی تھا وہ پڑھ کر کچھ فیصلہ ہوا یا نہیں ضرور بتائیں۔
ج: گوشی جی ! ناول قابل غور کی فہرست میں ہے ۔ محفل میں شرکت کے لیے شکریہ ۔
سعدیہ . جہلم
’’ابتہال ‘‘کو نہ پا کربہت مایوسی ہوئی اس کا تو بے صبری سے انتظار ہوتا ہے پر چلو کوئی بات نہیں۔
’’شام سے پہلے آنا ‘‘ بہت ہی اچھا جا رہا ہے تیمور کے لیے دکھ بھی ہو رہا ہے۔ بے چارہ مٹھو اپنے گھر سے گھبرا گیا ہے مگر فائزہ بھی ضد پر اڑی ہے عورت کو اولاد کے لیے بہت جگہوں پر مار کھانی پڑتی ہے۔ مجھے صباحت کا کردار بھی بہت پسند ہے۔
’’بیاض زیست ‘‘بہت پیاری کہانی ہے حمنہ بے گناہ ہو کر بھی دنیا کی نظر میں قصور وار کہلائی پر آخر میں اللہ نے اسے صبر کا بہت پیارا اجر دیا۔
’’میرے چارہ گر‘‘ بہت اعلا کہانی ہے۔ اگلی قسط کا انتظار ہے ۔ باقی کہانی آنے تک اب میں بے چین ہی رہوں گی۔’’ خالص خون‘‘ بھی اچھا لگا۔
افسانوں میں ’’ کل نہیں آج ‘‘ ریحانہ چوہدری نے بہت اچھا لکھا، افسانے سب ہی بہت اچھے لگے۔سب بہنوں نے خوب لکھا، آسیہ رئیس خان سے ملاقات بہت اچھا لگا بہت نفیس خاتون لگیں بقیہ کا انتظار پھر سے۔
فیروز خان سے ملاقات بھی اچھی تھی۔انشائ جی کا دعوت نامہ بہت خوب کیا کہنے۔ ہمارے نام کی طرف گئے ،سب بہنوں کے تبصرے اور جواب پڑھے بہت سی بہنیں غیر حاضر لگیں اس دفعہ میرا سب کو سلام۔
نفسیاتی ازدواجی الجھنیں مجھے یہ سلسلہ بہت اچھا لگتا ہے۔ ’’کرن کرن روشنی ‘‘ رنگا رنگ پھول ۔ دل کرتا ہے ان میں صفحات کا اضافہ ہو ،پڑھتے جائو ختم نہ ہوں۔
دعا ہے کہ مہنگائی کا یہ طوفان اب اور نہ بڑھے دن بدن حالات خراب ہو رہے ہیں غریب کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ترین ہو گیا ہے۔ سعودی عرب کے حالات دیکھ کر دل بہت پریشان ہوا۔ اللہ ہم مسلمان ممالک پر اپنا کرم کرے آمین۔ ہمیں زمانے کے فتنوں سے بچائے ۔آمین
ج: پیاری سعدیہ !تفصیلی تبصرے کے لیے شکریہ۔صفحات میں اضافہ اور طویل سلسلے توخواب ہوگئے ،یہ صفحات ہی باقی رہ جائیں تو غنیمت ہے۔ مہنگائی کم تو کیا ہوتی روز بروز اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے۔
رضوانہ فاروقی . حافظ آباد
ماہ اکتوبر بہت اچھا رہا کہ ان میں پہلے چھوٹے بیٹے کی آمد ہوئی عمان سے ۔ وہ اپنی CAکی کانووکیشن کے لیے آیا تھا۔ پھر گل شیر کو بھی چھٹی مل گئی اور بچوں سمیت بارہ تاریخ کو وہ بھی پہنچ گیا۔ اب صرف شفق ڈاکٹر صاحبہ اتوار تک پہنچ جائیں گی۔ اس کے بچے آنے کو بے تاب ہیں مگر ابھی عبداللہ اور فاطمہ کے پیپر ہو رہے ہیں اور اس سارے ہنگامے میں ٹائم ہی نہیںمل رہا تھا رسالہ پڑھنے کا۔
رات گئے تک محفل جمتی ہے۔ تو پھر نہ پڑھنے کا ٹائم اور نہ لکھنے کا۔ تو آج فجر کے بعد بیٹھی خط لکھ رہی ہوں۔
اس مرتبہ سبز اور گلابی کے حسین امتزاج کے ساتھ جو ماڈل سامنے آئی۔ تو دل خوش ہو گیا۔ معصوم اور پیاری سی لڑکی خوش رہو۔
میں سب سے پہلے فہرست پڑھتی ہوں کہ کس کس کے ناول اور افسانے ہیں۔ پھر کہنی سننی اور پھر چل سو چل ترتیب کے ساتھ۔ آسیہ رئیس خان سے ملاقات بہت دلچسپ رہی ۔
خدا داد صلاحیت اپنا آپ منواتی ہے۔ ان کی زندگی کے واقعات پڑھ کر بہت مزہ آیا۔
اور ’’ابتہال ‘‘ کی غیر موجودگی بہت محسوس ہوئی۔ مگر اللہ خیر کرے آئندہ ماہ سہی۔ ’’شام سے پہلے آنا ‘‘ بہت اچھا رہا۔ کہ فائزہ کے والد بہت دانش مندی سے کام لے رہے ہیں۔ اگر وہ ناراض ہوتے
یا زبردستی واپس بھیجتے تو الٹا اثر ہونا تھا۔ اب فیصلہ مٹھو اور وقت کرے گا۔
بیاض زیست اور چارہ گر بہت اچھے رہے۔ اور خالص خون منفرد سا رہا۔ تمام مصنفین کو مبارک باد ۔
افسانوں میں عقیلہ ہاشمی کا گمان ، پچھتاوا ، کل نہیں آج ، حکمت عملی اچھے موضوعات تھے۔
’’خاتون کی ڈائری‘‘ میں حمدہ خان نے جو ’’نہ‘‘اور ’’نا‘‘ کا فرق شعری انتخاب سے واضح کیا۔ تو بہت مزہ آیا۔ دانش عزیز کی خوب صورت غزل کا ایک ایک شعر سونے پہ سہاگہ تھا۔
پونم اور انعم کے ساتھ بہت اچھا ہوا۔ نجانے کیوں لوگ بہو کو بیٹی نہیں سمجھتے ۔ بہو لانے کا سب سے زیادہ شوق اماں اور بہنوں کو ہی ہوتا ہے اور وہی پھر اپنی ہم جنس کی مخالف ہو جاتے ہیں۔
میں سب بہنوں سے ایک بات کہنا چاہوں گی۔ کہ اپنی بیٹی کی اولاد کو بہت محبت دیتے ہیں۔ حالانکہ وہ نسل کسی اور فیملی کی ہوتی ہے۔
اور اپنی نسل کو صرف بہو کی وجہ سے نظر انداز کرتے ہیں۔ مجھے تو اپنی بہو کی بہت قدر ہے۔ کہ اس نے ہمارے گھر کو پیارے پیارے بچوں سے خوش کیا۔ ان کی تربیت و پرورش کی اس پر ہمیں بہو سے بہت محبت اور پیار اور خیال کرنا چاہیے۔ اور بیٹیاں اور ان کی اولاد کو ہم پیار کرتے ہی ہیں۔
خواتین ڈائجسٹ پورے کا پورا بہترین ہے۔ ہر انتخاب عمدہ ، آپ کی تمام محنت ہوتی ہے۔
ج: پیاری رضوانہ ! اس بار تبصرہ نہ کر سکیں لیکن آپ نے ہمیں یاد رکھا اور ہماری محفل میں رونق افروز ہوئیں اور قارئین کو بہت دلچسپ باتیں بتائیں ۔ بہت شکریہ ۔
رضوانہ وقاص ، کرلاں ہری پور سے شریک محفل ہیں
تاریخ کو ہنستا مسکراتا خواتین۔ ماڈل کی جیولری اور بالوں کی چٹیاں بنی اچھی لگیں۔ پہلے ایک دن رسالہ ملتا تھا تو۔ جلدی جلدی پڑھ لیتی تھی۔ لیکن اب ٹائم لگ جاتا ہے۔ بہت زیادہ ۔ جمعہ والے دن تونہ زیادہ فون استعمال کرتی ہوں اورنہ ہی کوئی کتاب وغیرہ پڑھتی ہوں۔ جمعہ کے دن صرف عبادت کا ارادہ تھا کہ پڑھ کر اتوار والے دن خط لکھ لوں گی۔
لیکن اتوار کا دن بچوں کے ساتھ مصروف گزر گیا پتا ہی نہیں چلا۔ کیونکہ بچوں کو اسکول کا کام کرواتی ہوں ،خود ہی ٹیوشن نہیں جاتے۔ مما آپ اچھا پڑھاتی ہیں۔ تو اس وجہ سے ٹائم ہی نہیں ملتا۔
آج پیروالے دن بچوں کو اسکول بھیجنے کے بعد خود ناشتہ کیا۔ قرآن پاک کی تلاوت کی۔ تو اب ساڑھے گیارہ ہو گئے ہیں۔ تو پکا خط لکھ کر ہی چھوڑوں گی۔ کیونکہ پھر بچے اسکول سے واپس آجاتے ہیں۔ ان کے ساتھ مصروف ۔ کرن کرن روشنی پڑھی۔ بہت ہی پیاری باتیں پڑھنے کو ملتی ہیں۔’’ میمونہ عزیز سے ملاقات‘‘ اچھی رہی۔ بلال عباس ۔ آفان وحید ۔ عمران اشرف ۔ علی عباس ۔ ان کے بھی انٹرویو لیجیے نا بمعہ فیملی کے شکریہ۔ خط سب کے پڑھے ،سب کے ہی اچھے۔ بہت ساری دوستیں غائب ہیں۔ خط لکھنے والی جی کدھر غائب ہیں حاضر ی دیں جی۔ یاد کر رہے ہیں ہم آپ کو۔ ’’شام سے پہلے آنا ‘‘ نیلی نے روکر رشتہ پکا کروا ہی لیا۔ فائزہ کیوں اپنے سسر کے ساتھ بدتمیزی کر رہی ہے۔ ان کی کیا غلطی تو فائزہ کے ابا نے صحیح بات بولی ہے کہ کچھ دن رہ کر دیکھ لیں کہ بھائی بھابھی کیسا رویہ رکھتے ہیں۔ قانتہ رابعہ آپ اتنا اچھا کیسے لکھ لیتی ہیں۔ ساجدہ رمضان کا’’مار آستین ‘‘ بھی آج کل جیسا ہو رہا ہے اسی پر لکھا۔یہ بات ہے بھائیوں سے بڑھ کر کوئی نہیں۔ لیکن شادی شدہ بہن کے لیے مشکل ہے۔ بھائی کے لیے پیار جتائے توشوہر کی فکر اور شوہر کی سائیڈ لو تو وہ بولتا ہے، تمہیں بھائی مجھ سے زیادہ عزیز۔ صدف عمر اس فون نے کہیں کا نہیں چھوڑاسب فون میں مصروف ہو گئے ہیں۔ میری امی بولتی ہے۔ یہ والے موبائل ختم ہو جائیں۔ ورنہ نوجوان نسل کا کیا بنے گا بہت آرام طلب ہو گئے ہیں۔ ’’ ایک تھی لڑکی ‘‘ نے اتنا طویل انتظار کیا ۔ چلے جی انتظار کیا تو محسن علی مل ہی گئے۔
پہلے بارش اچھی لگتی تھی لگتی اب بھی ہے۔ بارش میں مٹی کی خوشبو۔ اتنی پیاری لیکن اب بہت ڈر لگتا ہے ،نقصان بہت ہوتا ہے۔ اللہ پاک خیریت کی بارش ہو۔ ’’ راز الفت‘‘ جو بیٹے فرماں بردار ہوتے ہیں انہیں ہی کیوں قربانی دینی پڑتی ہے۔ اچھی لگی کہانی۔
’’ابتہال ‘‘ کو پڑھا ۔ آئلا کو کہاں پھنسا دیا۔ بہت ہی کنفیوزن ہے اس کہانی میں سمجھ میں نہیں آرہا۔ جو زخمی ہے وہ شاہزل ہی ہے۔ میرال اور راکان اس کی مدد کریں گے۔ ’’پرایا دھن ‘‘ مانا بیٹی پرایا دھن ہے۔ لیکن ماں باپ کا خیال بھی زیادہ بیٹی ہی رکھتی ہے۔ ہر وقت فکر مند رہتی ہے اپنے والدین کے لیے ۔’’رنگا رنگ پھول ‘‘ پڑھے۔ ’’خاتون کی ڈائری‘‘ پڑھی۔ ’’آپ کا باورچی خانہ ‘‘ فوزیہ ثمر کا پڑھا اچھا لگا۔ ’’نفسیاتی الجھنیں ‘‘ پڑھیں اللہ پاک سب کی پریشانیاں دور فرمائیں ۔ (آمین)
ج: پیاری رضوانہ ! تاخیر سے موصول ہونے کے باعث آپ کا خط پچھلے ماہ شامل نہ ہو سکا ۔اس ماہ شامل کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔ آمین
صائمہ علی . اسلام آباد
رات سرد ، گھروں میں سردی اور دھوپ گرم۔ دن میں بھی چادر اوڑھ کر لیٹتے ہیں۔ پنکھے بند ہو گئے اور رضائی کمبل کو دھوپ لگوانے کے دن آ گئے بس اسی مصروفیت کی وجہ سے اس بار خط لکھنے میں تاخیر ہو ئی۔
خواتین ڈائجسٹ آیا بے صبری سے کھولا اور ’’ابتہال ‘‘ غائب۔ یہ تو کوئی ہمارے دل سے پوچھے کہ اس وقت کیا بیتی ۔ ان شائ اللہ سب خیر ہو گی مگر قسط نہ آنے پر صدمہ کچھ نا قابل بیان تھا۔
اب آتے ہیں باقی شمارے کی طرف۔ ’’شام سے پہلے آنا ‘‘کی کہانی میں اب مزہ آ رہا ہے۔ خاص طور پر فائزہ کا ٹریک مزے کا ہے ۔ نیلی اور تیمور میں کوئی کیمسٹری بنتی نظر تو نہیں آ رہی۔ پھر جب گھر میں سب کو پتا تھا کہ نیلی اور تیمور کا رشتہ ہے۔ اور بچپن سے ہے تو پھر تیمور کا ری ایکشن سمجھ نہیں میں آتا۔ اس قسط میں چلو تحفہ تو لایا۔ دیکھیں اب آگے کیا ہوتا ہے۔
آسیہ رئیس خان سے ملاقات بہترین رہی۔ اللہ انہیں صحت دے آمین۔ ’’ کل نہیں آج ‘‘ اچھی تحریر تھی۔ اگر گھر کے فیصلے مرد اپنے ہاتھ میں لے لیں تو بہت سے مسائل حل ہو جائیں۔
کم از کم غلط بات پر ٹوکنا توضروری ہوتا ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ ماں اپنی بیٹی کو اس کی شادی کے بعد غلط باتوں پر بھی سپورٹ کرتی ہے۔ شاید بیٹی کی محبت انصاف پر غالب آجاتی ہے مگر باپ صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہنے والا ہو تو بچیاں سنبھل کر زندگی کے فیصلے کرتی ہیں۔
’’بیاض زیست‘‘ بھی اچھا ناول تھا۔ ہم نے جودت نام کی لڑکیاں ہی دیکھی ہیں اس لیے ناول پڑھتے ہوئے شروع میں سخت مغالطہ ہوا کہ یہ جودت کھانا پکا لیتا ہے کا کیا مطلب ہے پھر غور کیا تو سمجھ میں آیا کہ جودت تو صاحب ہیں صاحبہ نہیں ۔ بہرحال ناول اچھا لگا۔ اعتقاد پڑھ کر یاد آیا کہ ہمارے جاننے والوں میں ساس اور بہو ایک ہی کام والی ماسی سے تعویذ منگواتی تھیں اور دونوں ہی یہ سمجھتی تھیں کہ کام والی ان کی ہی ہمدرد ہے۔ اکثرگھروں کی بیبیاں کام والی ماسیوں کے ہاتھوںہی بے وقوف بنتی ہیں۔
’’میرے چارہ گر‘‘ پر تبصرہ اگلے ماہ کہ دوسری قسط پڑھ کر ہی کچھ کہہ سکیں گے۔اس شمارے کی سب سے خوب صورت تحریر ’’خالص خون تھی۔ یہ میرا ذاتی خیال ہے کہ مجھے تاریخی کہانیاں بہت پسند ہیں اور دوسری طرف مصنف کی تحقیق کی داد نہ دینا بھی زیادتی ہے اللہ تعالیٰ عیشہ حسین کے قلم کو جلا بخشے۔آمین ۔ بد دعا کا پیغام سب سے بڑی سچائی ہے۔ اپنے غلط فیصلوں کو قسمت کا لکھا کہنا تو آج کل اتنا عام ہے۔ ایسی تحاریر اور لکھی جائیں تاکہ نئی نسل تو ان خرافات پر یقین نہ کرے۔
ج: پیاری صائمہ !تفصیلی اور مدلل تبصرے کے لیے ممنون ہیں بہت شکریہ ۔
٭٭




