آپ سے کیا پردہ – ابن انشاء

Inb-e-Insha 70

ایک دیہاتی بزرگ کے متعلق مشہور ہے کہ شہر میں مہمان گئے تھے۔ وہاں میزبان نے انہیں کھانے کے بعد پان پیش کیا۔تھوڑی دیر بعد انہیں پیک تھوکنے کی ضرورت محسوس ہوئی تو ادھر ادھر دیکھنے لگے۔ میزبان نے ایک چمکتا ہوا مراد آبادی اگال دان ان کے سامنے کردیا۔ انہوں نے اسے ہاتھ سے پرے ہٹا،دری کا کونا اٹھاکر پیک تھوک دی۔

دوسری بار پھر یہی ہوا کہ میزبان نے اگال دان آگے کیا۔

اور انہوں نے اسے پرے ہٹا،دری کے کونے سے کام لیا۔

تیسری بار میزبان نے پھر یہی حرکت کی تو مہمان کے صبر کی تاب نہ رہی، بولے۔’’یہ کیا بدتمیزی ہے۔ تم ہربار یہ برتن آگے کردیتے ہو۔ اب کے کیا تو اسی میں تھوک دوں گا۔‘‘

ہر چند کہ ہماری طبیعت میں صبر کی اتنی کمی نہیں، لیکن بندہ بشر ہے۔ ہر روز کراچی کے مسئلے پر اتنے بیان اور اتنے کالم آنے لگے ہیں کہ زچ ہوکر ہمارا بھی بنکار نے.کو جی چاہتا ہے کہ ختم کرو یہ بیان بازی ورنہ ہم ابھی کراچی کا مسئلہ حل کردیں گے۔

٭٭٭

دیکھا جائے تو کراچی کا مسئلہ کوئی ایسا بڑا مسئلہ بھی نہیں جس طرح دن یونٹ توڑنے پر سب ہی متفق ہوگئے ہیں۔ اسی طرح الحمدللہ زیادہ تر لوگوں کا اس بات پر اتفاق رائے ہوگیا ہے کہ سندھ اور کراچی کو یکجا ہونا چاہیے۔ لوگوں کے بیانات میں ایک باریک اور لطیف سا فرق البتہ ضرور نظر آیا وہ یہ کہ

کراچی کو سندھ میں شامل ہونا چاہیے یا سندھ کو کراچی میں۔ممکن ہے ان دونوں باتوں میں کوئی فرق نہ ہو اور یہ محض لوگوں کے جی کا وسوسہ ہوکہ کسی کی نظر پیسے کی ریل پیل پر ہے اور کسی کی نوکریوں کے کوٹے پر۔ کچھ بھی ہو، پاکستان کے دو علاقوں نے جھوٹوں ہی سہی ایک دوسرے میں مدغم ہونے کی بات تو کی، ورنہ تو ہمیں یہ خطرہ پیدا ہوگیا تھا کہ اب جو ہر شخص اور ہر علاقہ، فرزند اپنی خودی پہچاننے لگا ہے اور باقی ہر شے کو پہچاننے سے انکاری ہے تو کہیں کراچی کا شیرازہ بھی نہ بکھر جائے۔ یہاں مقامی اور باہر سے آئے ہوئے ہر علاقے کے لوگوں کا الگ محلہ اور پاڑہ ہے اور تنظیم ہے۔ انجمن مسلمانان چکوال ہے۔ بانٹوا میمن سوسائٹی ہے۔ حلقہ احباب پیلی بھیت ہے۔ ایسا نہ ہو کل روہیل کھنڈ ہائوسنگ سوسائٹی والے کہہ دیں کہ ہمارا کلچر الگ ہے ۔ہماری سوسائٹی کو الگ صوبہ سمجھا جائے۔ برنس روڈ والے جہاں زیادہ تر دلی کے روڑے رہتے ہیں علیحدگی کی تحریک چلادیں کہ جو شخص اردوئے معلی نہ بولے اور نہاری نہ کھائے یہاں سے نکل جائے۔ جن لوگوں نے اپنے مردوں کو دفنانے کی گاڑیاں تک علاقہ وار الگ الگ رکھی ہیں، ان کامل جل کر زندگی بسر کرنا بظاہر مشکل معلوم ہوتاتھا۔ خیر ہمارے اندیشے باطل ثابت ہوئے۔کوئی محلہ شہر سے الگ نہیں ہوا۔ داخلی خود مختاری اور الگ کرنسی تک کا مطالبہ نہیں کیا۔

٭٭٭

کراچی اور سندھ آپس میں مل جائیں تو لامحالہ بہت عمدہ صوبہ بن جائے گا۔ دو اسمبلیوں ،دو وزارتوں اور دو گورنریوں کا جھنجٹ ہمیں پسند نہیں۔ انتظامی اخراجات میں بہت بچت رہے گی۔اس پر ہمیں یاد آیا کہ قاضی عیسیٰ صاحب نے بھی پیش کش کی تھی کہ بلوچستان اور کراچی کو باہم ملادیا جائے تو کیوں نہ کراچی، بلوچستان کو اپنے ساتھ لے کر سندھ میں شامل ہو۔ دیکھیے نا۔ ذرائع رسل ورسائل بھی ایک ضروری چیز ہیں۔ معیشت کے تقاضے بھی ہیں۔ چمن کا انگور اور سردا بھی سندھ اور کراچی ہی میں آکر بکتا ہے۔سردیوں میں کوئٹہ سے ٹھنڈی ہوا بھی ادھر ہی کو آتی ہے۔

سندھ میں بہت سے بلوچ آباد ہیں۔ کراچی میں بلوچ میس نام کی ایک عمارت موجود ہے۔بلوچستان ،سندھ کراچی۔ یہ ہمارے نزدیک ایک نہایت قدرت وحدت ہے ہم نہیں چاہتے کہ بلوچستان آج کل کے مہنگائی کے زمانے میں الگ اسمبلی ،الگ حکومت وغیرہ کا بوجھ اٹھائے۔ان تینوں علاقوں کے لیے ایک مشترکہ انتظامیہ کافی رہے گی۔

٭٭٭

ایک قباحت کو ہم البتہ نظر انداز کررہے ہیں۔ بلوچستان کے بعض علاقوں میں پٹھان بہت بڑی تعداد میں ہیں۔ بولتے بھی پشتو ہیں۔ وہ لامحالہ چاہیں گے کہ دوسرے پٹھان بھائیوں سے الگ نہ رہیں۔ دیکھا جائے تو اس کا حل بھی مشکل نہیں۔ ہم نے سندھ کراچی اور بلوچستان کا جو مشترکہ صوبہ بنایا ہے اس کا دائرہ شمال کی طرف وسیع کیا جاسکتا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، پشاور۔کوہاٹ قبائلی علاقے یہ پورا قطعہ کوہاٹ تاکہ کوئٹہ اور کوئٹہ تا کراچی ۔ایک ہی چیز ہے اور ایک ہی ہونا چاہیے۔

کراچی میں جو ہمارے لاکھوں پختون بھائی رہتے ہیں ان کی خوشی بھی یقینا اسی میں ہوگی۔ روز روز تو دستوری تبدیلیاں ہوتی نہیں لہٰذا کیوں نہ ابھی سے اس صوبہ عظمیٰ کی داغ بیل ڈال دی جائے۔

ایسے ہی جذبے کے عالم میں تو علامہ اقبال نے مسلمانوں کے ایک ہونے کی خواہش کی تھی، نیل کے ساحل سے لے کر تابخاک کاشغر۔ کراچی۔ سندھ۔ بلوچستان۔ سرحد۔یہ صوبہ خاصا بڑا ہوجاتا ہے۔ لیکن سیر کے واسطے تھوری سی فضا اور سہی ۔کچھ اور بڑا ہوجائے تو کیا حرج ہے۔اب لے دے کے پنجاب رہ جاتا ہے۔ کیوں نہ پنجاب سے بھی پوچھ لیا جائے کہ اس نئے صوبے میں شامل ہونا پسند کرے گا؟مصلحت اس میں یہ ہے کہ دریا مل ملاکر پنجاب ہی سے آتے ہیں۔ یہ نہ ہوکہ کل کلاں پنجاب اور اس نئے صوبے میں پانی پینے پلانے پر کوئی جھگڑا اٹھ کھڑا ہو۔

پنجاب والوں کا یہ فائدہ ہے کہ ان کا سارا مال جو دساور کو جاتا ہے ،سندھ ہی میں سے گزرتا ہے تاندلیانوالہ وغیرہ میں خالص پنجاب کا گھی بنانے کے لیے ساری چربی کراچی ہی سے جاتی ہے اور بھی کئی باتیں مشترک ہیں۔ دور کیوں جایئے ہماری اپنی ذات کا بھی دونوں علاقوں سے تعلق ہے کہ رہنے والے پنجاب کے ہیں اور رہتے کراچی میں ہیں اور اس حقیقت سے پوری ذمہ داری سے یہ بیان دینے کو تیار ہیں ۔پنجاب اس نئے صوبے میں شامل ہونے کے لیے بخوشی تیار ہے۔ یہ نہ سمجھا جائے کہ یہ ہم نے گھر میں بیٹھے بٹھائے خود بخود فیصلہ کرلیا ہے جیسے لیڈر لوگ کرلیتے ہیں۔

٭٭٭

گویا صاحبان اب یہ طے ہوگیا کہ ان سارے علاقوں کا جن کا ہم نے ذکر کیا ہے ۔ایک صوبہ بن جانا چاہیے۔ اب رہا یہ سوال کہ اس کا کیا نام ہو۔ ہمارے ذہن میں کئی نام آئے تھے۔ وسیع تر کراچی۔ عظیم تر سندھ۔ بڑا بلوچستان۔ سرحد عظمیٰ۔ پنجاب کبیروغیرہ۔ ان سب تجویزوں کو رد کرنا پڑا کیونکہ بیک وقت ان سارے علاقوں کے لوگ اس پر متفق نہیں ہوپائے۔ ہمارے ایک دوست کا کہنا ہے کہ چونکہ پاکستان سے ان سب علاقوں کو محبت ہے لہٰذا اسے پاکستان ہی کیوں نہ کہا جائے۔ ہمیں یہ نام فی الحال اجنبی اور غیر مانوس سا معلوم ہوگا۔ لیکن شاید چل جائے۔ اب رہی بات کہ اس کا صدر مقام کیا ہو؟ہمارے خیال میں اس معاملے میں پنجاب کو کچھ فیاضی دکھانی چاہیے جیسی 1947ئ میں سندھ نے دکھائی تھی کہ پاکستان کے دارالحکومت کے لیے کراچی کی پیش کش کردی تھی۔ اب پنجاب والے لاہور کی پیش کش کریں۔ راولپنڈی یا اسلام آباد کی پیش کش کریں۔ ان کے پاس وسیع سکریٹریٹ بھی ہے۔ اور عمارتیں اور ادارے بھی ہیں۔ یہ سب اس نئے صوبے کے کام میں لائی جاسکتی ہیں۔ جس جس بھائی کو ہماری یہ تجویز منظور ہو، ہاتھ کھڑا کرے۔

٭٭

اس تحریر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں