امیر المومنین ابوحفص عمر ۶ بن خطاب سے روایت ہے میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا۔
’’عملوں کا دارو مدار نیتوں ہی پر ہے۔ ہر شخص کو اس کی (اچھی یا بری) نیت کے مطابق (اچھا یا برا)بدلہ ملے گا۔ چنانچہ جس کی ہجرت اللہ اور اس کے رسول کے لیے ہو گی، اس کی ہجرت ان ہی کی طرف سمجھی جائے گی اورجس نے دنیاحاصل کرنے کے لیے یا کسی عورت سے نکاح کی غرض سے ہجرت کی تو اس کی ہجرت ان ہی مقاصدکے لیے ہو گی۔ ‘‘ اس روایت کی صحت متفقہ ہے۔ (صحیح بخاری )
فوائدومسائل :
۔بعض روایات میں اس حدیث کا پس منظر یہ بیان کیا گیا ہے کہ ایک شخص نے ام قیس نامی عورت کو نکاح کا پیغام بھیجا۔اس نے اس وقت تک نکاح کرنے سے انکار کر دیا جب تک وہ ہجرت نہ کرے۔ چنانچہ اس نے اس کی اس شرط کی وجہ سے ہجرت کر لی اور وہاں جا کر دونوں کا باہم نکاح ہو گیا۔ اس وجہ سے صحابہ میں اس کا نام ہی مہاجرام قیس مشہور ہو گیا۔
۔اس حدیث کی بنیاد پر علمائ کا اتفاق ہے کہ اعمال میں نیت ضروری ہے اور نیت کے مطابق ہی اجر ملے گا، تاہم نیت کا محل دل ہے ، یعنی دل میں نیت کرنا ضروری ہے۔ زبان سے اس کا اظہار ضروری نہیں۔ زبان کا شریعت میں کوئی ثبوت نہیں۔
جیسے نماز پڑھتے وقت پاک و ہند میں زبان سے نیت کے اظہار کا عام رواج ہے جو کسی حدیث سے ثابت نہیں ہے اور دین میں اضافہ ہے تاہم حج کا تلبیہ اس سے مستثنی ہے۔
۔ہر کام کے لیے اخلاص ضروری ہے ، یعنی ہر نیک عمل میں صرف اللہ کی رضا پیش نظر ہو۔ اگر کسی نیک عمل میں اخلاص کے بجائے کسی اور جذبے کی آمیزش ہو جائے گی تو عنداللہ وہ عمل مقبول نہیں ہو گا۔ اسی طرح قبولیت عمل کے لیے اخلاص کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ وہ عمل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے کے مطابق ہو۔
نیت کے مطابق اجر
ام المومنین ام اعبداللہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔
’’ایک لشکر خانہ کعبہ پر چڑھائی کرنے کی نیت سے نکلے گا، جب وہ بیدئ (کسی چٹیل میدان) میں پہنچے گا تو اس کے اول و آخر (سب کے سب ) زمین میں دھنسا دیے جائیں گے۔ ‘‘
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں۔ میں نے پوچھا۔
’’اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! ان کے اول و آخر، یعنی سب کو کیسے دھنسا دیا جائے گا جب کہ ان میں بازاری لوگ ہوں گے (یعنی حکام کے علاوہ عام افراد ، یا منڈی کے لوگ اور مطلب ہے کہ وہ جنگجو نہیں ہوں گے)اوروہ بھی ہوں گے جوان میں سے نہیں ہوں گے ؟‘‘
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔
’’ان کے اول آخر سب دھنسا دیے جائیں گے پھر وہ اپنی نیتوں پر اٹھائے جائیں گے (یعنی قیامت والے دن ان سے معاملہ ان کی نیتوں کے مطابق کیا جائے گا )۔‘‘(بخاری و مسلم ۔ الفاظ بخاری کے ہیں)
فوائدومسائل :
۔انسان کے ساتھ روز قیامت اچھا یا برا معاملہ اس کے قصد وارادے کے مطابق کیا جائے گا۔
۔اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ظلم و فجور کے مرتکبین کی ہم نشینی نہایت خطرناک ہے۔
۔یہ کون سا لشکر ہے اور اس کا وقوع کب ہو گا ؟ اس کا علم صرف اللہ کو ہے۔ پیش گوئیاں امور غیب سے ہیں جو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے معجزات میں سے ہیں ، جن کے وقوع اور صداقت پر ایمان رکھنا ضروری ہے ، اس لیے کہ اس قسم کی پیش گوئیاں وحی الٰہی پر مبنی ہیں۔
۔اس سے بیت اللہ کی عزت و حرمت کا بھی پتا چلتا ہے کہ وہاں فساد برپا کرنا کس قدر شدید جرم ہے۔
جہاد اور نیت
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہاسے روایت ہے ، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔
’’فتح کے بعد ہجرت نہیں، البتہ جہاد اور نیت باقی ہیں۔ جب تمہیں جہادپر نکلنے کے لیے طلب کیا جائے تو (بلا تامل ) نکل پڑو۔‘‘ (بخاری و مسلم )
اس کا مطلب ہے ’’مکہ فتح ہو جانے کے بعد (جو8ہجری میں ہوا ) مکے سے ہجرت کی ضرورت باقی نہیں رہی کیونکہ وہ دارالاسلام بن گیا ہے۔
فوائدومسائل :
۔اس حدیث کا پس منظر یہ ہے کہ فتح مکہ کے بعد کچھ لوگوں نے مکہ سے ثواب کی غرض سے ہجرت کرنے کی اجازت طلب کی اور ہجرت کا ثواب یہ ہے کہ اس سے سابقہ تمام گناہ مٹ جاتے ہیں۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اب یہاں سے ہجرت کی ضرورت نہیں، البتہ اللہ تعالیٰ نے ثواب کا سلسلہ منقطع نہیں کیا۔ اگر کوئی شخص یہی ثواب لینا چاہتا ہے تو وہ حسن نیت سے یعنی اگر ضرورت پڑی تو ہجرت کروں گا اور جہاد کر کے یہ ثواب حاصل کر سکتا ہے۔
۔جب کوئی ملک یا علاقہ دارالسلام قرار پا جائے تو وہاں سے کسی اور علاقے کی طرف ہجرت کرنا ضروری نہیں ، البتہ وہ علاقے جو دارالکفر ہیں وہاں دین پر عمل کرنا یا اس پر قائم رہنا مشکل ہے تو ایسے علاقوں سے ہجرت کرنا واجب ہے۔
۔یہ بھی معلوم ہوا کہ جب کسی اسلامی ملک سے کسی دوسرے اسلامی ملک میں ہجرت کر کے جانا ضروری نہیں ہے تو پھر ایک اسلامی ملک کو چھوڑ کر بلاد کفر میں جا کر اس لیے مستقل رہائش اختیار کرنا کہ وہاں دولت کی ریل پیل اور تمدنی سہولتوں کی فراوانی ہے ، شرعاً اس کی اجازت نہیں ہے ، جس میں بدقسمتی سے اس زمانے کے مسلمان متبادل ہیں۔ بالخصوص ان کے سرمائے کا انتقال اور مفکرین کی ہجرت بہت ہی تشویش ناک ہے جس سے بلادکفر کی معیشت کو بھی سہارا مل رہا ہے اور ان کی حیاباختہ تہذیب کوفروغ و عروج بھی ۔علاوہ ازیں ایک مسلمان کے دل میں جہاد کا جذبہ اور ارادہ موجود رہنا چاہیے اور اس کے لیے ہر ممکن تیاری بھی ۔ تاکہ جب بھی اس جہاد کے لیے بلایا جائے تو فوراً اس پر لبیک کہہ سکے۔ یاد رہے جس شخص نے نہ جہاد کیا اور نہ کبھی اس کے دل میں جہاد کی تڑپ اور ارادہ پیدا ہو اور وہ اسی طرح مر گیا تو وہ نفاق کے شعبے پر مرا۔
نیت کا اجر
حضرت ابوعبداللہ جابر بن عبداللہ انصاری رضی اللہ عنہا فرماتے ہیں کہ ہم ایک غزوے (جہاد) میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔
’’یقینا مدینے میں کچھ لوگ ایسے ہیں کہ تم نے جتنا بھی سفر کیا ہے اور جو بھی وادی طے کی ہے۔وہ تمہارے ساتھ رہے ہیں۔ انہیں (مدینے میں) بیماری نے روکے رکھا۔‘‘ اور ایک روایت میں یہ الفاظ ہیں۔
’’وہ تمہارے ساتھ اجر میں شریک رہے ہیں۔‘‘ (مسلم)
اور بخاری کی روایت ، جو حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔ اس طرح ہے کہ ہم نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ غزہ تبوک سے واپس لوٹے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔
’’ہمارے پیچھے کچھ لوگ مدینے میں رہے۔ ہم جس گھاٹی یا وادی میں چلے ، وہ (اجرو ثواب میں) ہمارے ساتھ تھے (کیونکہ) عذر نے انہیں وہاں روکے رکھا ۔‘‘
فوائدومسائل :
۔اس سے معلوم ہوا کہ اگر کسی شخص کے دل میں جہاد کی نیت اور جذبہ صادق موجودہو لیکن کسی عذر شرعی کی بنا پر شرکت سے معذور رہا تو اللہ تعالیٰ اسے گھر بیٹھے ہی جہاد کا اجر و ثواب عطا فرما دے گا۔
۔اسی طرح نیکی کے تمام امور جنہیں انسان سر انجام دینے کا پختہ عزم رکھتا ہو لیکن انجام نہ دے سکے تو حسن نیت کی وجہ سے ثواب حاصل کر لے گا۔ اس طرح اگر کوئی شخص برائی کا پختہ عزم رکھتا ہے لیکن اپنے برے ارادے میں کامیاب نہیں ہوتا تو اسے بھی اس کا گناہ ہو گا اس ارادے سے مراد وہ ارادہ نہیں جو صرف زبان سے ہوتا ہے اور دل میں یہ ہوتا ہے کہ میں نے کون سا یہ کام کرنا ہے۔
صدقہ
حضرت ابویزید معن بن یزید بن اخنس رضی اللہ عنہ اور یہ معن خود ان کے باپ یزید اور دادا ، اخنس تینوں صحابی ہیں ، نے بیان کیا۔
میرے باپ یزید نے کچھ دینار صدقے کے لیے نکالے اور وہ انہیں مسجد (نبوی) میں ایک آدمی کے پاس رکھ آئے (تاکہ وہ کسی ضرورت مند کو دے دے) میں مسجد میں آیا تو میں نے وہ دینار اس سے لے لیے (کیونکہ میں ضرورت مند تھا) اور وہ گھر لے آیا۔ (جب والد کو معلوم ہوا) تو انہوں نے فرمایا۔
’’واللہ ! تجھ کو دینے کا تو میں نے ارادہ ہی نہیں کیا تھا۔ ‘‘
چنانچہ میں اپنے والد کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں لے آیا اوریہ جھگڑا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے پیش کر دیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔
’’اے یزید ! تیرے لیے تیری نیت کا ثواب ہے اور اے معن ! تو نے جو لیا ہے ۔ وہ تیرے لیے (جائز) ہے۔ ‘‘ (بخاری)
فوائدومسائل :
۔اس سے معلوم ہوا کہ اگر صدقہ غیر ارادی طور پر محتاج بیٹے کے ہاتھ میں آ گیا تو اسے واپس لینے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ باپ نے تو کسی مستحق کو دینے کی نیت کی تھی ، اسے اس کی نیت کے مطابق صدقے کا اجر مل گیا۔ تاہم یہ بات بعض علمائ کے نزدیک نفلی صدقے پر معمول ہو گی کیونکہ صدقہ واجبہ (زکوۃ) کی رقم انہیں نہیں دی جا سکتی جن کا خرچ انسان کے ذمے واجب ہے۔
۔صدق کے لیے کسی کو وکیل بنانا جائز ہے۔
۔شرعی حکم معلوم کرنے کے لیے باپ کو حاکم مجاز یا عالم دین کے پاس لے جانا ، باپ کی نافرمانی نہیں ہے۔ جیسے شرعی مسائل میں باہم و بحث و تکرار گستاخی نہیں ہے۔ (فتح الباری 292/3)
وصیت
ابواسحاق سعد بن ابی وقاص مالک بن جوان دس صحابہ رضی اللہ عنہم میں سے ایک ہیں جنہیں جنت کی خوش خبری دنیا ہی میں دے دی گئی تھی۔ فرماتے ہیں۔
’’میری بیمار پرسی کے لیے حجتہ الوداع کے سال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میرے پاس تشریف لائے مجھے اس وقت شدید درد تھا۔ میں نے کہا۔
’’اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! آپ دیکھ رہے ہیں کہ میرا درد کیسی شدت اختیار کر گیا ہے ، میں صاحب مال ہوں لیکن میری وارث صرف میری ایک ہی بیٹی ہے ۔ کیا میں اپنے مال کا دو تہائی حصہ خیرات کر دوں ؟‘‘
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔’’نہیں۔‘‘
میں نے کہا۔ ’’پھر اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! ایک تہائی مال صدقہ کردوں ؟‘‘
’’آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔
’’تیسرا حصہ (تم خیرات کر سکتے ہو) اور تیسرا حصہ بھی زیادہ یا بڑا ہے۔ اس لیے کہ تم اپنے وارثوں کو صاحب حیثیت چھوڑ کر جائو۔ یہ اس سے بہتر ہے کہ تم انہیں کنگال کر کے جائو اور وہ لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلاتے پھیریں۔ (یاد رکھو!) تم جو بھی اللہ کی رضا کے لیے خرچ کرو گے تو اس پر تمہیں اجر ملے گا حتی کہ جو لقمہ تم اپنی بیوی کے منہ میں ڈالو گے (اس پر بھی ثواب ہو گا۔)
میں نے کہا ’’اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! کیا میں اپنے ساتھیوںکے بعد پیچھے چھوڑدیا جائوں گا ؟یعنی کیا میرے ساتھی مجھ سے پہلے فوت ہو جائیں گے اور میں دنیا میں اکیلا رہ جائوں گا؟)
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا (اگر ایسا ہوا بھی تو کیا ، یہ تمہارے ’’حق میں اچھا ہی ہے ) بلاشبہ ساتھیوں کے بعد جب تم ان کے پیچھے رہ جائو گے تو جو بھی عمل اللہ کی رضا کے لیے کرو گے اس سے تمہارے درجے میں زیادتی اوربلندی ہی ہو گی نیزشاید تمہیں مزید زندگی گزارنے کاموقع دیا جائے ، حتی کہ کچھ لوگ (اہل ایمان)تم سے فائدہ اٹھائیں اورکچھ دوسروں لوگوں (کافروں ) کو تم سے نقصان پہنچے۔‘‘
پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا فرمائی ، اے اللہ ! میرے صحابہ کی ہجرت کو جاری (پورا) فرما دے اور انہیں ان کی ایڑیوں پر نہ لوٹا۔ لیکن قابل رحم سعد بن خولہ ہیں۔ ‘‘
ان کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رحمت کی دعا فرماتے تھے۔ اس لیے کہ وہ مکے میں فوت ہوئے تھے۔ (بخاری و مسلم)
فوائدومسائل :
۔صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اس شہر میں اقامت پذیر ہونا پسند نہیں کرتے تھے۔ جس سے انہوں نے اس کی محبت کے باوجود محض اللہ کی رضا کے لیے ہجرت کی تھی ، اس لیے حضرت سعد رضی اللہ عنہ ڈرتے تھے کہ کہیں ان کی موت مکے میں نہ آئے۔ چنانچہ ان کے لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہجرت کے اہتمام کی دعافرمائی اور سعد بن کی خولہ حالت زار پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دکھ کا اظہار فرمایا کیونکہ ان کی وفات مکے میں ہوئی جس کی وجہ سے وہ ہجرت کے پورے ثواب سے محروم رہے۔
۔یہ حدیث اس بات کی دلیل ہے کہ مرض الموت میں انسان ایک تہائی مال (1/3)سے زیادہ صدقہ یا وصیت نہیں کر سکتا۔ لیکن اس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ فوت ہونے سے پہلے صدقہ کرنا مستحسن امر ہے۔ سلف صالحین میں سے اس کی بکثرت مثالیں ملتی ہیں ، اس لیے دور حاضر میں اصحاب ثروت کو اپنی جائیداد کا کچھ نہ کچھ اللہ کے لیے ضرور وقف کرنا چاہیے کیونکہ دینی مدارس اور مساجد کی حکومتی سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے شدید مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
۔ انسان کی اگر نیت صحیح ہو تو بیوی بچوںپر جو کچھ خرچ کرتا ہے اس پر بھی اسے اجر ملتا ہے۔
۔ کسی صحیح غرض کی خاطر انسان اپنی بیماری یا تکلیف کا اظہار کر سکتا ہے ، تاکہ اس کا اعلان یا دعا کی جا سکے ، یہ اللہ کے خلاف شکوہ نہیں ہے۔
۔انفاق و صدقات میں اپنے قریب ترین رشتے داروں کو اولیت اور فوقیت دی جائے۔ لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں ہے کہ ان کے تعیشات کے لیے زکوٰۃ خرچ کی جائے جبکہ عام غربا زیادہ ضرورت مند ہوں جیسا کہ بعض فی زمانہ اس طرح کرتے ہیں۔
راوی حدیث:حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ سعد بن مالک بن اہیب قرشی، زہری ، ان کی کنیت ابواسحاق ہے۔ اسلام قبول کرنے والوں میں پانچواں یا ساتواں نمبر ہے۔ جب اسلام قبول کیا تو ان کی والدہ نے کھانا پینا ترک کر دیا اور کہا ’’جب تک تو دین محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے منحرف نہیں ہوتا اس وقت تک میں کچھ کھائوں گی نہ پیوں گی اور نہ سائے ہی میں ہوں گی۔ یہ اپنی والدہ کے بہت تابع فرمان تھے لیکن ماں سے کہا کہ میں دین محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے منحرف نہیں ہو سکتا۔ یہ بھی ان دس صحابہ کرام میں سے ہیں جنہیں جنت کی بشارت دی گئی۔ یہ وہ خوش نصیب ہیں جن کے بارے میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔
’’اے سعد ! تیر چلائو ، میرے ماں باپ تم پر قربان۔ ‘‘ اور یہ دعا بھی کی۔ ’’ اے اللہ ! ان کا نشانہ سیدھا رکھنا۔ ‘‘
انہیں ایک بار آتا دیکھ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔
’’یہ میرا اماموں ہے ، اس جیسا کوئی دکھائے توسہی۔‘‘
’’تمام غزوات میں شرکت کی۔ فاتح عراق ہیں اور فتح ایران بھی ان ہی کا عظیم کارنامہ ہے۔
حضرت سعد بن ابی وقاص نے مدینہ سے دس میل دور مقام عقیق میں 55 ہجری میں وفات پائی۔ وہاں سے ان کی میت کندھوں پر لائی گئی اور انہیں جنت البقیع میں دفن کیا گیا ۔ کتب احادیث میں ان سے 270 احادیث مروی ہیں۔
شہید کون ہے ؟
حضرت ابو موسیٰ عبداللہ بن قیس اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا گیا۔
’’ایک آدمی بہادری کے جوہر دکھانے کے لیے دوسرا (خاندانی ، قبائلی) حمیت کے لیے اور ایک تیسرا ریاکاری کے لیے لڑتا ہے۔ ان میں سے اللہ کی راہ میں لڑنے والا کون ہے ؟
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔
’’جو شخص صرف اس لیے لڑتا ہے کہ اللہ کا کلمہ (دین ) بلند ہو ، وہ اللہ کی راہ میں لڑنے والا ہے ۔‘‘ (بخاری ومسلم)
فوائدومسائل :
۔اللہ کے ہاں اعمال کا اعتبار چونکہ نہایت صالحہ کے مطابق ہو گا اس لیے عنداللہ مجاہد فی سبیل اللہ بھی صرف وہی ہو گا جو اعلائے کلمتہ اللہ کے لیے لڑے گا۔ تاہم اس کا تعلق چونکہ دل سے ہے جس کو انسان دیکھنے پر قادر نہیں ہے ، اس لیے میدان جہاد میں ہر مسلمان مقتول کے ساتھ شہید والا معاملہ کیا جائے گا۔ اور اس کی نیت اور ارادے کا مسئلہ اللہ کے سپرد ہو گا کیونکہ دلوں کے بھید صرف وہی جانتا ہے۔
۔انسان کو چاہیے کہ حلال ، حرام اور اپنے دین کی اصلاح کے لیے گاہے گاہے علمائ سے استفسار کرتا رہے۔
٭٭
قرآن پاک زندگی گزارنے کے لیے ایک لائحہ عمل ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی قرآن پاک کی عملی تشریح ہے۔ قرآن اور حدیث دین اسلام کی بنیاد ہیں اور یہ دونوں ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم کی حےثیت رکھتے ہیں۔ قرآن مجید دین کا اصل ہے اور حدیث شریف اس کی تشریح ہے۔
پوری امت مسلمہ اس پر متفق ہے کہ حدیث کے بغیر اسلامی زندگی نامکمل اور ادھوری ہے، اس لیے ان دونوں کو دین میں حجت اور دلیل قرار دیا گیا۔ اسلام اور قرآن کو سمجھنے کے لیے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کا مطالعہ کرنا اور ان کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔
کتب احادیث میں صحاح ستہ یعنی صحےح بخاری، صحیح مسلم، سنن ابو دائود، سنن نسائی، جامع ترمذی اور موطا مالک کو جو مقام حاصل ہے، وہ کسی سے مخفی نہیں۔
ہم جو احادیث شائع کررہے ہیں، وہ ہم نے ان ہی چھ مستند کتابوں سے لی ہےں۔
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کے علاوہ ہم اس سلسلے میں صحابہ کرام اور بزرگان دین کے سبق آموز واقعات بھی شائع کریں گے۔




