تقدیر سے متعلق احکام و مسائل

کرن کرن روشنی 0

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، انہوں نے فرمایا۔

’’ہمیں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے حدیث سنائی وہ (خود بھی) سچے تھے اور انہیں (اللہ کی طرف سے بھی) سچی خبر ملی۔ (آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا)

’’انسان کا مادہ تخلیق اس کی ماں کے پیٹ میں چالیس دن (قطرے کی صورت میں) جمع رہتا ہے، پھر اتنی ہی مدت کے لیے (جمے ہوئے خون کی) پھٹکی یا لوتھڑابن جاتا ہے ، پھر اتنا ہی عرصہ گوشت کا ٹکڑا بنا رہتا ہے ، پھر اللہ تعالی اس کے پاس ایک فرشتہ بھیجتا ہے جسے چار باتوں (کے لکھنے)کا حکم دیا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔

’’اس کے اعمال اس کی عمر اور اس کا رزق لکھ دے اور یہ بھی کہ وہ بدقسمت ہو گایا خوش قسمت ۔‘‘

قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ! ایک آدمی جنتیوں والے عمل کرتا رہتا ہے حتی کہ اس کے اور جنت کے درمیان ایک ہاتھ کا فاصلہ رہ جاتا ہے ، پھر اس پر (تقدیر کی ) تحریر غالب آجاتی ہے اور وہ جہنمیوں والا عمل کر کے جہنم میں داخل ہو جاتا ہے (اسی طرح) ایک آدمی جہنمیوں والا عمل کرتا رہتا ہے حتی کہ وہ جہنم سے ایک ہاتھ دور رہ جاتا ہے ، پھر اس پر (تقدیر کا)لکھا غالب آجاتا ہے، چنانچہ وہ جنتیوں والا عمل کر کے جنت میں داخل ہو جاتا ہے۔‘‘ (بخاری شریف)

فوائد و مسائل :

۔تقدیر کا مطلب یہ ہے کہ ابد تک جو کچھ بھی ہونے والا ہے ، اس کا علم پہلے سے اللہ کو ہے اور اس نے اسے لکھ رکھا ہے۔ اب جو کچھ ہوتا ہے وہ اس کے ازلی علم کے مطابق ہی ہوتا ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ اللہ نے گناہ گار کو گناہ کرنے پر مجبور کیا ہے۔ انسان اللہ کی دی ہوئی طاقت ہی سے نیکی یا گناہ کرتا ہے۔ اگراللہ تعالیٰ چاہتا تو یہ اختیار چھین لیتا لیکن وہ ایسا نہیں کرتا، البتہ اسے پہلے سے معلوم ہے کہ فلاں بندہ اس اختیار کو صحیح طریقے سے استعمال کر کے اس کی خوشنودی حاصل کر لے گا اور فلاں بندہ اس اختیار کے غلط استعمال کی وجہ سے اللہ کو ناراض کر کے سزا کا مستحق ہو جائے گا۔

۔انسان کے نیک و بد اعمال ، اس کی عمر ، اس کا رزق اور اس کا جنتی یا جہنمی ہونا ایک خاص وقت پر اللہ کے بتانے سے فرشتوں کے علم میں آتا ہے اور وہ لکھ لیتے ہیں ، اگرچہ یہ فیصلے ازال میں ہو چکے ہیں اور لوح محفوظ میں درج ہو چکے ہیں۔

۔ماں کے پیٹ میں انسان کی تخلیق کے مختلف مراحل ہیں۔ ایک مرحلے سے دوسرے مرحلے میں تبدیلی بتدریج ہوتی ہے لیکن پہلے چالیس دن تک اس کی کیفیت مادہ تولید سے قریب تر ہوتی ہے جبکہ دوسرے مرحلہ میں وہ دیکھنے میں خون سے زیادہ مشابہ محسوس ہوتا ہے۔ تیسرے مرحلے میں اعضا بننے لگتے ہیں لیکن مجموعی طور پر وہ نرم گوشت کے ٹکڑے سے مشابہ نظر آتا ہے۔

۔ہر انسان کی عمر مقرر ہے۔ اس سے پہلے فوت نہیں ہو سکتا ، لہذا بندے کو جان کے خوف سے ایمان ترک نہیں کرنا چاہیے بلکہ ایمان کی حفاظت کے لیے جان قربان کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

۔ہر انسان کا رزق مقرر ہو چکا ہے جو اسے بہرحال ملنا ہے ، بندے کی آزمائش اس چیز میں ہے کہ وہ اس کے حصول کے لیے کون سے ذرائع اختیار کرتا ہے۔ مقررہ رزق حلال طریقے سے بھی مل جائے گااور جو چیز تقدیر میں نہیں وہ ناجائز ذرائع اختیار کرنے سے بھی نہیں ملے گی ، اس لیے اللہ پر توکل کرتے ہوئے رزق حلال حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

۔کسی شخص کے بارے میں بالیقین جنتی یا جہنمی ہونے کا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔ یہ بات صرف اللہ تعالیٰ کو معلوم ہے کہ کون جنت میں جانے والا ہے اور کون جہنم کا ایندھن بننے والا ہے ، البتہ اللہ تعالیٰ کی رحمت کی امید رکھنا ضروری ہے اور کسی نیک آدمی کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے یہی کہنا چاہیے کہ ہمارے خیال میں وہ نیک آدمی تھا اور ہم اللہ کی رحمت سے امید رکھتے ہیں کہ وہ جنت میں جائے گا ، البتہ جن افراد کے متعلق اللہ تعالیٰ نے یا اس کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بتا دیا ہے ، ان کے جنتی یا جہنمی ہونے کے بارے میں یقین رکھنا چاہیے ، مثلاً ابو لہب اور اس کی بیوی کا جہنمی ہونا ، جیسے سورۃ لہب میں مذکورہ ہے یا عشرہ مبشرہ رضی اللہ عنہم کا جنتی ہونا وغیرہ۔

۔کسی غیر مسلم یا گناہ گار کو تبلیغ کی جائے اور وہ قبول نہ کرے تو یہ نہیں کہنا چاہیے کہ اسے ہر گز ہدایت نہیں ملے گی کیونکہ اس کا علم صرف اللہ کو ہے ممکن ہے آخری وقت میں ہدایت نصیب ہو جائے ، جیسے ایک یہودی لڑکے کو مرض الموت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسلام لانے کو کہا ، تو وہ اسلام لے آیا اور فوت ہو گیا۔

۔مومن کو نیکیوں پر فخر نہیں کرنا چاہیے بلکہ اللہ کا خوف رکھتے ہوئے استقامت کی دعا کرتے رہنا چاہیے۔ حضرت یوسف علیہ اسلام نے دعا فرمائی تھی۔ ’’اے زمین اور آسمان کے بنانے والے ! تو ہی دنیا اور آخرت میں میرا دوست اور کارساز ہے ، مجھے اسلام کی حالت میں فوت کرنا اور نیکوں میں شامل کر دینا۔ ‘‘

تقدیر

ابن دیلمی رحمتہ اللہ سے روایت ہے ، انہوں نے کہا ’’میرے دل میں تقدیر کے مسئلے میں شبہ پیدا ہوا ، جس سے مجھے خطرہ محسوس ہوا کہ کہیں وہ میرا دین اور کام (معاملات) تباہ نہ کردے ، چنانچہ میں حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ کی خدمت میں حاضر ہوا۔ میں نے کہا۔

’’ابو منذر! میرے دل میں تقدیر کے بارے میں شبہ پیدا ہو گیا ہے جس سے مجھے اپنے دین اور معاملات کے بارے میں (خرابی کا) خوف ہے۔ مجھے اس کے متعلق کچھ فرمائیے شاید اس سے اللہ تعالیٰ مجھے فائدہ بخش دے۔

حضرت ابی رضی اللہ عنہ نے فرمایا۔ ’’اگراللہ تعالیٰ (تمام)آسمانوں والوں اور (تمام) زمین والوں کو عذاب دینا چاہیے ، تو دے سکتا ہے ۔ یہ اس کا ان پرظلم نہیں ہو گا اور اگر ان پر رحم کرے تو اس کی رحمت ان کے اعمال سے بہتر ہو گی اور اگر تیرے پاس احد پہاڑ جتنا سونا اور یا احد پہاڑ جتنا مال ہو اور تو اسے اللہ کی راہ میں خرچ کر دے ، تو تیرا یہ عمل قبول نہیں ہو گا جب تک کہ تو تقدیر پر ایمان نہ لائے۔ تجھے معلوم ہونا چاہیے جو مصیبت تجھے پہنچی ہے وہ تجھ سے ٹلنے والی نہ تھی (اسے بہرحال آنا ہی تھا) اور جو مصیبت تجھے نہیں پہنچی وہ تجھے پہنچنے والی نہ تھی اور (یہ جان لے کہ) اگر تیری موت اس عقیدے کے سوا کسی اور عقیدے پر ہوئی تو تو جہنم میں داخل ہو گا اور اگر تو میرے بھائی عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے پاس جا کر یہ مسئلہ پوچھ لے تو کوئی حرج نہیں۔‘‘

چنانچہ ابن دیلمی رحمتہ اللہ فرماتے ہیں، میں حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ کی خدمت میں حاضرہوا اور ان سے یہ مسئلہ پوچھا۔

انہوں نے بھی وہی بات فرمائی جو حضرت ابی رضی اللہ عنہ نے فرمائی تھی اور فرمایا۔

’’اگرتوحذیفہ رضی اللہ عنہ کے پاس جائے (اور مسئلہ دریافت کرے) توکوئی حرج نہیں۔‘‘

چنانچہ میں حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ کی خدمت میں حاضر ہوا اور ان سے پوچھا، انہوں نے وہی بات فرمائی جو دوسرے دونوں حضرات نے فرمائی تھی۔ اور فرمایا۔

’’حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ کی خدمت میں حاضر ہوا اور ان سے مسئلہ پوچھا۔ انہوں نے فرمایا۔‘‘

’’میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ ارشاد سنا ہے ، آپ ؐنے فرمایا ’’اگر اللہ تعالیٰ (تمام) آسمانوں والوں اور (سب) زمین والوں کو عذاب دینا چاہے تو دے سکتا ہے ، یہ اس کا ان پر ظلم نہیں ہو گا اور اگر ان پر رحمت کرے تو اس کی رحمت ان کے اعمال سے بہتر ہو گی اور اگر تیرے پاس احد جتنا سونا یا احدپہاڑ جتنا سونا ہو اور تو اسے اللہ کی راہ میں خرچ کر دے ، تو وہ تیرا یہ عمل قبول نہیں کرے گا حتی کہ تو ساری تقدیر پر ایمان لائے اور (یقین کے ساتھ) جان لے کہ جو مصیبت تجھے پہنچی ہے وہ تجھ سے ٹلنے والی نہ تھی اور جو مصیبت تجھے نہیں پہنچی، وہ تجھے پہنچنے والی نہ تھی اور (جان لے کہ)اگرتیری موت اس عقیدے کے سوا کسی اور عقیدے پر ہوئی تو تو جہنم میں داخل ہو گا ۔‘‘

فوائد و مسائل :

۔اس حدیث سے مسئلہ تقدیر کی وضاحت ہوتی ہے کہ اللہ تعالیٰ مالک الملک ہے ، اس لیے مخلوق کے بارے میں اس کا ہر فیصلہ حق ہے۔ قرآن مجید میں ارشاد ہے۔

وہ جو کچھ کرے اس سے اس کے متعلق سوال نہیں کیا جا سکتا اور ان (مخلوقات) سے سوال کیا جائے گا (اور ان کا مواخذہ ہو گا۔ سورۃ الانبیا 23)یعنی اللہ تعالیٰ کے کسی کام پر اعتراض کرنا درست نہیں کیونکہ اس کے ہر کام میں حکمت ہوتی ہے ، لیکن ضروری نہیں کہ وہ حکمت ہماری سمجھ میں بھی آئے یا ہمیں بتائی بھی جائے۔

۔جو مصیبت آئی ہے وہ بہرحال آ کر رہے گی ، خواہ انسان اس سے ڈرتے ہوئے نیکی کا راستہ چھوڑ کر غلط روی بھی اختیار کر لے۔ اور جو راحت اور نعمت قسمت میں ہے وہ بہرحال ملے گی ، اگرچہ اس سے پہلے مشکلات و مصائب ہی کیوں نہ آئیں ، اس لیے اللہ پر توکل کرتے ہوئے اس کی رحمت کی امید رکھنی چاہیے مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ ارشاد الٰہی ہے۔

’’اللہ کی رحمت سے نا امید وہی ہوتے ہیں جو کافر لوگ ہیں ‘‘ (سورۃ یوسف آیت 87)

۔صحابہ کرام پختہ اور گہرے علم کے حامل تھے جس کی وجہ سے ان کا ایمان بھی کامل اور قوی تھا۔ تقدیر جیسے بظاہر مشکل مسئلے میں بھی انہیں وہ یقین و عرفان حاصل تھا جس کی وجہ سے وہ اطمینان کی دولت سے مالا مال تھے اور اس بارے میں وہ شکوک و شبہات کا شکار نہیں تھے۔

۔صحابہ کرام رضی اللہ عنہ ایک دوسرے کا احترام کرتے اور ایک دوسرے کے علم کا اعتراف کرتے تھے۔ علمائے دین کا بھی ایک دوسرے کے بارے میں یہی رویہ ہونا چاہیے۔

۔کسی مسئلے میں اطمینان قلب کے حصول کے لیے ایک سے زیادہ علمائے کرام سے مسئلہ پوچھا جا سکتا ہے۔

۔صحابہ کرام کے فتاوی قرآن و حدیث سے ماخوذ ہوتے تھے بلکہ اکثر اوقات وہ ارشاد نبوی ہی نقل کر دیتے تھے اگرچہ یہ صراحت نہ کریں کہ یہ ارشاد نبوی ہے۔

۔محدثین کے ہاں یہ اصول ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ایسے اقوال جن کا تعلق اجتہاد سے نہیں ہوتا، مرفوع کے حکم میں ہوتے ہیں مثلاً اس مسئلے میں دیگر صحابہ کرام نے تو حدیث کے مرفوع ہونے کی صراحت نہیں کی لیکن حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ نے وضاحت فرما دی کہ یہ الفاظ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان مبارک سے نکلے ہوئے ہیں۔

۔تقدیر کا یہ مسئلہ ایمان کے بنیادی مسائل میں سے ہے اور تقدیر پر ایمان لائے بغیر کسی انسان کا ایمان قابل اعتبار نہیں ہوتا ، لہذا تقدیر کا انکار جہنم کی سزا کا باعث بن جاتا ہے۔

تقدیر

حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے فرمایا ۔

’’ہم نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بیٹھے ہوئے تھے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ میں ایک لکڑی تھی آپ ؐ اس کے ساتھ زمین میں لکیریں لگانے لگے (جیسے کوئی شخص گہری سوچ میں ہو تو کرتا ہے)پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سر اٹھایا اور فرمایا۔

’’تم میں سے ہر شخص کا ٹھکانا جنت یا جہنم میں لکھ دیا گیا ہے۔ ‘‘

عرض کیا گیا۔

’’اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پھر ہم (لکھے ہوئے پر) بھروسا نہ کر لیں؟‘‘

فرمایا ’’ نہیں ، عمل کرو (لکھے ہوئے پر) بھروسا نہ کرو ، ہر کسی کے لیے وہ کام آسان ہو جاتا ہے جس کے لیے وہ پیدا کیا گیا ۔‘‘

پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیات تلاوت فرمائیں۔

ترجمہ :۔’’جس نے (اللہ کی راہ میں)دیا اور (اپنے رب سے) ڈرا اور اچھی بات کی تصدیق کی تو ہم بھی اسے آسان راستے کی سہولت دیں گے ، لیکن جس نے بخل کیا اور بے پروائی کی اور اچھی بات کی تکذیب کی تو ہم بھی اس کو تنگی اور مشکل کے اسباب میسر کر دیں گے۔ ‘‘ (سورۃ الیل10-5)

فوائد و مسائل :

۔اس حدیث میں تقدیر الٰہی کا ثبوت ہے۔

۔ہر انسان کے انجام کے متعلق فیصلہ ہو چکا ہے اور یوں جنت یا جہنم میں اس کا ٹھکانا مقرر ہے۔

۔تقدیر علم الٰہی کا نام ہے ، بندے کو مجبور کرنے کا نام نہیں۔

۔جنت اور جہنم میں داخلے کا تعلق بندوں کے اعمال سے ہے۔ کسی کو معلوم نہیں کہ اس کی قسمت میں کیا ہے ، اس لیے نیک اعمال کرنے کی کوشش کرنا اور گناہوں سے بچتے رہنا فرض ہے۔

۔تقدیر پر ایمان کا مطلب یہ نہیں کہ انسان محنت اور کوشش ترک کر دے بلکہ اسے چاہیے کہ اللہ کے احکام کی تعمیل میں پیش آنے والے خطرات سے خوف زدہ نہ ہو اور مشکلات میں گھر کر اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو جائے کیونکہ اگر قسمت میں کامیابی لکھی ہے تو وہ ان مشکلات و مصائب کے بعد مل کر رہے گی اور اگر نہیں تو محنت اور نیت کا ثواب تو ضرور ملے گا۔ اللہ تعالیٰ کسی کی نیکی ضائع نہیں فرماتا۔

۔جو جاہل لوگ فسق و فجور میں مشغول رہتے ہیں اور کہتے ہیں جو تقدیر میں ہے وہی ہو گا، یہ ان کی حماقت ہے بلکہ عمل سعادت و شقاوت کی علامت ہیں جس کے عمل اچھے ہیں ، امید ہے کہ وہ سعید ہو گا اور جس کے برے ہیں، اندیشہ ہے کہ وہ شقی ہو گا۔بہرحال ہر ایک کو اچھے اعمال میں رغبت کرنی چاہیے اور گناہ سے بچنے کی فکر کرنی چاہیے۔

حضرت عمر رضی اللہ عنہ ایک شخص پر چوری کی حد لگانے لگے تو وہ کہنے لگا۔

’’تقدیر میں یوں ہی لکھا تھا ، میرا کیا قصور ہے۔‘‘

آپ ۶ نے فرمایا۔ ’’تقدیرکے مطابق ہی ہم تمہارا ہاتھ کاٹ رہے ہیں،اس میں ہمارا کیا قصور ہے۔ ‘‘

طاقت ور

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’طاقت ور مومن کمزور مومن سے بہتر اور اللہ کو زیادہ پیارا ہے اور ہر ایک میں خیر موجود ہے۔ جو چیز تجھے فائدہ دیتی ہے اس میں رغبت کر اور اللہ سے مدد مانگ عاجز نہ بن۔ اگر تجھے کوئی مصیبت آجائے تو یوں نہ کہہ۔’’ اگر میں اس طرح کرتا تو یوں نہ ہوتا۔ ‘‘ بلکہ یوں کہہ ’’اللہ نے یہی مقدر کیا تھا اور اللہ نے جو چاہا کیا۔ ‘‘ کیونکہ (لفظ) ’’اگر‘‘ سے شیطان کا کام شروع ہو جاتا ہے۔‘‘ (صحیح مسلم)

فوائد و مسائل :

۔جسمانی ذہنی اور مالی قوت اللہ کی ایک نعمت ہے اس نعمت کو نیکی کے کاموں میں استعمال کرنا چاہیے۔

۔جو شخص کسی قسم کی قوت میں دوسروں سے کم تر ہے وہ بھی خیر سے محروم نہیں۔ ممکن ہے کہ ایک قوت کے لحاظ سے کم زور شخص ، دوسری قوت کے لحاظ سے قوی ہو ، لہذا اللہ تعالیٰ نے کسی کو جو صلاحیت بھی عنایت فرمائی ہو ، اس پر اللہ کا شکر ادا کرنا اور اسے نیکی کے حصول و فروغ اور برائی سے بچنے اور بچانے کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔

۔دنیوی فوائدکے حصول کی کوشش کرنا تو کل کے منافی نہیں ، البتہ اس کے لیے ناجائز ذرائع اختیار کرنا، یا دنیوی فوائد کی حرص کو ذہن پر اس طرح سوار کر لینا کہ زیادہ توجہ ادھر ہی رہے ، درست نہیں ہے۔

۔شریعت میں یہ چیز مطلوب نہیں کہ کوئی شخص خود محنت کرکے کمانے اور دوسروں کو فائدہ پہنچانے کے بجائے دوسروں پر بوجھ بن کر بیٹھ جائے۔ اس رویہ کو تو کل قرار دینا غلط ہے ، البتہ جو شخص کسی واقعی عذر کی وجہ سے روزی نہیں کما سکتا ، وہ معذور ہے اور مسلمان معاشرے کا فرض ہے کہ اس کی ضروریات پوری کرے۔

۔کوئی کام کرنے سے پہلے غور و فکر کرنا چاہیے اور معاملے کے مختلف پہلوئوں پر غور اور مشورہ کر لینا چاہیے، لیکن اگر بعد میں کسی وجہ سے نتائج توقع کے خلاف نکلیںتومعاملہ اللہ پر چھوڑ دیں اور سمجھ لیں کہ اس میں بھی اللہ کی کوئی حکمت ہو گی ، اگر مگر کہنے سے تقدیر الٰہی کے انکار کا پہلو نکلتا ہے اوریہ شیطانی فعل ہے کہ آدمی کو خلاف توقع نتیجہ نکلنے پر حسرت دلواتا ہے اور تقدیر کا منکر بناتا ہے۔

۔کسی کام کا نتیجہ خلاف توقع نکلنے کے بعد جب اس کی تلافی ممکن نہ ہو ، تو منفی سوچوں میں گھر جانا ، نہ صرف بے فائدہ بلکہ نقصان دہ ہے۔

بعد میں یہ کہنے کا کوئی فائدہ نہیں ’’کاش میں نے فلاں کام یوں کر لیا ہوتا ، کاش میں فلاں کام اس طرح نہ کرتا۔ ‘‘

البتہ اپنے کام کا تنقیدی جائزہ لینا درست ہے تاکہ جو غلطی ہوئی ہے ، دوبارہ اس سے بچا جائے۔

ایمان کامل

حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’کوئی بندہ مومن نہیں ہو سکتا حتی کہ وہ چار چیزوں پر ایمان رکھے۔

۔اللہ پر جو اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں۔

۔اس بات پر کہ میں (محمد)اللہ کا رسول ہوں۔

۔موت کے بعد زندہ ہو کر اٹھنے پر ۔

۔اور تقدیر پر ۔‘‘ (ترمذی)

فائدہ : اس حدیث میں ایمان کے بنیادی مسائل کا ذکر ہے جن میں تقدیر پر ایمان بھی شامل ہے۔

سابقہ شریعتیں

حضرت برائ بن عازب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم ایک یہودی کے پاس سے گزرے جس کا منہ کالا کیا گیاتھا اور سے کوڑے مارے گئے تھے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں بلایا اور فرمایا:

’’ کیا تمہیں اپنی کتاب میں زانی کی یہی سزا ملتی ہے؟‘‘

انہوں نے کہا۔

’’ ہاں۔‘‘

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے علما میں سے ایک آدمی کو بلایا اور فرمایا۔

’’ میں تجھے اس اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں جس نے موسیٰ علیہ السلام پر تورات نازل کی! کیا تم زانی کی یہی سزا (تورات میں) پاتے ہو؟‘ ‘

اس نے کہا: نہیں ۔ اور اگر آپ نے مجھے قسم نہ دی ہوتی تو میں آپ کو ( صحیح بات) نہ بتاتا۔ ہماری کتاب میں زانی کی سزا رجم ہی ہے لیکن ہمارے اشراف میں رجم (والا جرم) بہت زیادہ ہونے لگا تو (ہم یوں کرنے لگے کہ ) جب ہم کسی معزز کو (اس جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے) پکڑ لیتے تو اسے (سزا دےے بغیر ) چھوڑ دیتے اور جب کسی کمزور کو پکڑ لیتے تو اسے حد لگا دیتے۔ (اس لیے) ہم نے (آپس میں) کہا: آؤ ہم کسی ایسی سزا پر اتفاق کرلیں جو معزز اور کمزور(دونوں قسم کے مجرموں ) کو دے سکیں، چنانچہ ہم نے رجم کے بجائے منہ کالا کرنے اور کوڑے مارنے پر اتفاق کرلیا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم فرمایا:

’’اے اللہ !سب سے پہلے میں تیرے حکم کو زندہ کرتا ہوں جب کہ انہوں نے اس کو مردہ کردیاہے۔‘‘ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم سے اس مجرم کو سنگسار کردیاگیا۔

فوائد ومسائل:

(1)اللہ کے قوانین کو تبدیل کرکے اپنے بنائے قوانین قوناین کو اللہ کے قوانین کہنا یہودیوں کی صفت ہے۔ مسلمانوں خو اس سے پرہیز کرنا چاہیے۔

( 2)جو رسم ورواج شریعت کے خلاف ہوں انہیں شریعت کے مطابق ڈھالنا چاہیے۔

(3 )بائبل کے موجودہ نسخوں میں بھی زنا کے مجرم کے لیے سزائے موت کا ذکر موجود ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی طرف منسوب کتاب استثنائ میں یہ حکم اس طرح درج ہے:

’’اگر کوئی مرد کسی شوہر والی عورت سے زنا کرتے پکڑ اجائے تو وہ دونوں مار ڈالے جائیں، یعنی وہ مرد بھی جس نے اس عورت سے صحبت کی اور وہ عورت بھی۔ یوں تو اسرائیل میں سے ایسی برائی کو دفع کرنا، اگر کوئی کنوری لڑکی کسی شخص سے منسوب ہو گئی اور اور کوئی دوسرا آدمی اسے شہر میں پاکر اس سے صحبت کرے تو تم ان دونوں کو اس شہر کے پھاٹک تک نکال لانا، اور ان کو سنگسار کردینا کہ وہ مرجائیں۔ ‘‘

(استثنائ ، فقرہ 22تا 24)

(4)قانون کا نافذ امیر غریب سب پر یکساں ہونا چاہیے۔

(5)صحیح مسئلہ چھپا لینا یہودیوں کی عادت ہے۔

(6)غیر مسلم سے بھی غیر اللہ کی قسم لینا جائز نہیں بلکہ اس سے اللہ کی صفت کا ذکر کرکے قسم لی جائے جس کا وہ بھی قائل ہو۔

٭٭

قرآن پاک زندگی گزارنے کے لیے ایک لائحہ عمل ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی قرآن پاک کی عملی تشریح ہے۔ قرآن اور حدیث دین اسلام کی بنیاد ہیں اور یہ دونوں ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم کی حےثیت رکھتے ہیں۔ قرآن مجید دین کا اصل ہے اور حدیث شریف اس کی تشریح ہے۔

پوری امت مسلمہ اس پر متفق ہے کہ حدیث کے بغیر اسلامی زندگی نامکمل اور ادھوری ہے، اس لیے ان دونوں کو دین میں حجت اور دلیل قرار دیا گیا۔ اسلام اور قرآن کو سمجھنے کے لیے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کا مطالعہ کرنا اور ان کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔

کتب احادیث میں صحاح ستہ یعنی صحےح بخاری، صحیح مسلم، سنن ابو دائود، سنن نسائی، جامع ترمذی اور موطا مالک کو جو مقام حاصل ہے، وہ کسی سے مخفی نہیں۔

ہم جو احادیث شائع کررہے ہیں، وہ ہم نے ان ہی چھ مستند کتابوں سے لی ہیں۔

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کے علاوہ ہم اس سلسلے میں صحابہ کرام اور بزرگان دین کے سبق آموز واقعات بھی شائع کریں گے۔

اس تحریر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں