پلیٹ صاف کرنا

کرن کرن روشنی 0

حضرت ام عاصم رحمتہ اللہ علیہ سے روایت ہے ، انہوں نے کہا :رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے آزاد کردہ حضرت نبیشہ بن عبداللہ رضی اللہ عنہ ہمارے ہاں تشریف لائے جب کہ ہم ایک پیالے میں کھانا کھا رہے تھے۔ انہوں نے کہا : نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ۔

’’جو شخص پیالے میں کھانا کھائے، پھر اس (پیالے) کو چاٹ لے تو پیالہ اس کے لیے مغفرت کی دعا کرتا ہے۔‘‘ (ترمذی)

فائدہ :

۔ مذکورہ روایت سنداًضعیف ہیں تاہم پیالے اور پلیٹ وغیرہ کو انگلیوں سے صاف کرنے کا ذکر صحیح مسلم کی روایت میں موجود ہے ۔ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں حکم دیا کہ ہم پلیٹ کو انگلی سے صاف کر لیا کریں۔

۔خاص طور پر آج کل کے ماحول میں جس طرح بعض لوگ برتن میں زیادہ کھانا لے لیتے ہیں اور تھوڑا سا کھا کر باقی ضائع کر دیتے ہیں۔ یہ انتہائی بری عادت ہے۔ اس سے کھانے کی بے قدری ہوتی ہے۔ اور بلا ضرورت ضائع کرنا تبذیر میں شامل ہے جس کے مرتکب کو قرآن نے ’’شیطان کا بھائی ‘‘کہا ہے۔ اسلامی اخلاق کا تقاضا ہے کہ کھانا کھاتے وقت پلیٹ میں صرف ضرورت کے مطابق لیا جائے اور اس میں بچایا نہ جائے۔ اور جو پکا ہوا کھانا بچ جائے ، وہ پھینکنے کے بجائے ضرورت مندوں ، غریبوں اور ہمسایوں میں تقسیم کر دیا جائے۔

ثرید کے درمیان سے کھانا منع ہے

حضرت عبداللہ بن بسر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ایک پیالہ پیش کیا گیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

’’اس کے کناروں سے کھائو۔ اس کی چوٹی چھوڑ دو، اس میں برکت ڈالی جائے گی۔‘‘ (ابودائود)

فوائد و مسائل :

۔چوٹی سے مرادبرتن کے درمیان کا کھانا ہے جوبرتن بھرا ہوا ہونے کی صورت میں کناروں کی نسبت کچھ بلند ہوتا ہے۔

۔جب ایک برتن میں کھانے والے اپنے اپنے سامنے سے کھائیں تو اس حدیث پر بھی عمل ہو جاتا ہے کیو نکہ درمیان کا کھانا کناروں سے کھائے جانے کے بعد کھایا جاتا ہے۔

۔حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل کرنے سے رزق میں برکت حاصل ہوتی ہے۔

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’جب کھانا رکھا جائے تو اس کے کنارے سے لو اور اس کا درمیان چھوڑ دو کیونکہ برکت اس کے وسط میں نازل ہوتی ہے۔‘‘ (ابودائود)

کھانوں پر ثرید کی فضیلت

حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’مردوں میں سے بہت افراد کامل ہوئے لیکن عورتوں میں سے صرف مریم بنت عمران (علیہ السلام) اور فرعون کی بیوی آسیہ (رضی اللہ عنہا) کامل ہوئیں۔ اور عائشہ رضی اللہ عنہا کو دوسری عورتوں پر اسی طرح فضیلت حاصل ہے جس طرح ثرید کو دوسرے کھانوں پر فضیلت ہے ۔‘‘ (مسلم)

حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

’’عورتوں پر عائشہ رضی اللہ عنہا کی فضیلت ایسے ہی ہے ، جیسے دوسرے کھانوں پر ثرید کی فضیلت ہوتی ہے۔‘‘

فوائد و مسائل :

۔انسانوں میں کمال کا سب سے بلند مقام نبوت کا ہے جو عورتوں کو حاصل نہیں ہوا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا۔ وما ارسلنا من قبلک الا رجالا۔ ’’(اے نبی ! ہم نے آپ سے پہلے صرف مرد ہی (رسول بنا کر) بھیجے ہیں۔‘‘ اس لیے حدیث میں وہ کمال مراد ہے جو صرف وہبی نہیںبلکہ اس میں کسب کا بھی حصہ ہے، یعنی صدیقیت کا مقام۔) گزشتہ امتوں کی عورتوں میں صدیقیت کا اعلیٰ ترین مقام حضرت مریم علیہ السلام اور حضرت آسیہ رضی اللہ عنہا کو حاصل ہوا۔ امت محمدیہ میں یہ مقام حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کو حاصل ہے۔

ثرید ، روٹی کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر کے شوربے میں بھگو کر بنایا ہوا ایک قسم کا کھانا ہے۔ اس دور کے ماحول میں یہ بہترین کھانا تھا جو غذائیت کے لحاظ سے بھی بہترین ہے اور لذت کے لحاظ سے بھی ، اس کے علاوہ آسانی سے تیار ہو جاتا ہے ، جلدی ہضم ہو جاتا ہے اور بہت سے فوائد کا حامل ہے۔

کھانے سے فارغ ہو کر دعا

حضرت ابو امامہ باہلی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، انہوں نے فرمایا :جب نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے موجود کھانا (فارغ ہونے پر) اٹھایا جاتا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ۔

’’تمام تعریفیں اللہ ہی کے لیے ہیں۔ ایسی تعریف جو بہت زیادہ ہو ،پاکیزہ ہو اور اس میں برکت دی گئی ہو، نہ کفایت کیا گیا (کہ مزید کی ضرورت نہ رہے) نہ یہ آخری کھانا ہے ، نہ اس سے بے نیازی ہو سکتی ہے ، اے ہمارے رب !‘‘ (بخاری)

فوائد و مسائل :

اس دعا کا ترجمہ یہ بھی ہو سکتا ہے :’’یہ تعریف کافی نہیں سمجھی گئی (کیونکہ انسان کما حقہ ، حمد کر ہی نہیں سکتا) نہ چھوڑی گئی (بلکہ یہ حمد و شکر مسلسل ہے۔ کیونکہ رب کی نعمتیں مسلسل حاصل ہو رہی ہیں) نہ اس تعریف سے بے نیاز ہو سکتی ہے (کیونکہ حاصل نعمتوں کو قائم رکھنے کے لیے اور مزید نعمتوں کے حصول کے لیے بندے کو حمد و شکر کی ضرورت رہتی ہے۔‘‘)کھانے کے آخر میں یہ دعا پڑھنا مستحب ہے۔

گزشتہ گناہ

حضرت معاذ بن انس جنبی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’جس شخص نے کھانا کھا کر یہ دعا پڑھی :’’ہر قسم کی تعریف اللہ ہی کے لیے جس نے یہ (کھانا) مجھے کھلایا اور مجھے یہ (کھانا) عطا کیا بغیر میری کسی طاقت کے اور بغیر میری کسی قوت کے۔ اس کے گزشتہ (تمام) گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں۔‘‘

فوائد و مسائل :

۔اللہ کی نعمت پر اس کا شکر ادا کرنا بہت بڑی نیکی ہے۔ شکر گناہوں کی معافی کا باعث ہے۔

۔رزق کے حصول کے لیے اگرچہ ایک حد تک انسان بھی کوشش اور تدبیر سے کام لیتا ہے ، تاہم اس کوشش کو کامیاب کرنا اور تدبیر سجھانا بھی اللہ ہی کا فضل ہے اور اسی کی توفیق سے ہے۔

مل کر کھانا کھانے کا بیان

حضرت وحشی بن حرب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے صحابہ رضی اللہ عنہم نے عرض کیا۔

’’اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! ہم کھانا کھاتے ہیں تو سیر نہیں ہوتے ۔‘‘

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’شاید تم لوگ الگ الگ کھاتے ہو ؟‘‘

انہوں نے کہا :’’جی ہاں۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’مل کر کھانا کھایا کرو اور اس پر اللہ کا نام لو، تمہارے لیے اس میں برکت ہو جائے گی۔‘‘

فوائد ومسائل:

۔مل کر کھانا برکت کا باعث ہے ، تاہم الگ الگ کھانا بھی جائز ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے۔ ’’تم پر کوئی گناہ نہیں کہ تم مل کر کھائو یا الگ الگ۔‘‘

۔بسم اللہ پڑھنا بھی برکت کا باعث ہے۔

مل کر کھانا

حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :’’مل کر کھائو ، الگ الگ نہ کھائو کیونکہ برکت جماعت(اور اجتماعیت) کے ساتھ ہے ۔‘‘

کھانے کی چیز میں پھونک مارنا

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، انہوں نے فرمایا۔

’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کھانے پینے کی چیز میں پھونک نہیں مارتے تھے اور برتن میں سانس نہیں لیتے تھے ۔‘‘ (ابو دائود)

فوائد و مسائل :

۔یہ حدیث صحیح ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے برتن میں پھونک مارنے سے منع فرمایا۔

حضرت ابو سعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پینے کی چیز میں پھونک مارنے سے منع فرمایا۔ ایک شخص نے کہا :اگر برتن میں کوئی نا پسندیدہ چیز (تنکا وغیرہ) نظر آجائے تو ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :’’اسے انڈیل دو۔‘‘ (تھوڑا سا پانی انڈیل دو تاکہ وہ بھی نکل جائے) اس نے کہا :’’میں ایک سانس سے (پیتا ہوں تو) سیر نہیں ہوتا۔‘‘فرمایا :

’’پیالے کو منہ سے ہٹا لیا کرو۔‘‘ اس سے معلوم ہوا کہ برتن کو منہ سے ہٹا کر سانس لینا چاہیے۔

جب خادم کھانا لائے تو اس کو کھانا دینا

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’جب کسی کے پاس اس کا خادم اس کا کھانا لے کر آئے تو اسے چاہیے کہ اسے اپنے ساتھ بٹھائے اور وہ (خادم) اس (مالک) کے ساتھ کھائے۔ اگر ایسے نہیں کر سکتا تو اسے اس میں سے کچھ (کھانا) دے دے۔‘‘

ملازم کو کھانا دینا

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’جب تم میں سے کسی کا خادم اس کا کھانا لائے تو اسے چاہیے کہ اسے اپنے ساتھ بٹھائے یا اسے تھوڑا سا کھانا دے دے کیونکہ اس نے اس کی گرمی اور دھواںبرداشت کیا ہے۔ ‘‘

فوائد و مسائل :

۔خادم اور نوکر کے ساتھ زیادہ سے زیادہ حسن سلوک کرنا چاہیےـ۔

۔اگر کوئی خاص کھانا تیار کیا گیا ہو تو نوکر اور ملازم کو بھی گنجائش کے مطابق دیا جائے تاکہ اس کے دل میں حسرت نہ رہے۔ اس سے اس کے دل میں مالک کی محبت اور عزت و عظمت بڑھے گی ، نیز ایسا کرنے سے اس کے دل میں اپنے مالک کا مال وغیرہ چوری کرنے کی خواہش بھی پیدا نہیں ہو گی۔

۔فیکٹری کے مالک کو چاہیے کہ پیداوار میں سے کچھ نہ کچھ ملازمین کو بھی تحفے کے طور پر دے۔

۔ملازم کو تنخواہ کے علاوہ بھی کچھ نہ کچھ حسن سلوک کے طور پر دینا چاہیے۔

۔ملازمین سے کام لیتے وقت ان کے جذبات اور حالات کا لحاظ رکھنا چاہیے ۔ نیز مالک کو ان کی خوشی اور غمی میں شریک ہونا چاہیے۔

میز اور دستر خوان پر کھانا کھانے کا بیان

حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے فرمایا۔

’’نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی میز پر رکھ کر کھانا نہیں کھایا اور نہ طشتری اور تھالی میں ۔ قتادہ رحمتہ اللہ نے کہا :پھر لوگ کس چیز پر رکھ کر کھانا کھاتے تھے ؟ انہوں نے فرمایا دستر خوان پر۔‘‘ (بخاری)

فوائد و مسائل :

۔مولانا عبدالغنی رحمتہ اللہ سنن ابن ماجہ کے حاشیہ نجاح الحاجہ میں خوان کے بارے میں لکھتے ہیں: ’’اس پر رکھ کر کھانا دولت مندوں اور متکبروں کی عادت ہے تاکہ انہیں کھانا کھاتے وقت جھکنے یا سر جھکانے کی ضرورت نہ پڑے۔ ‘‘اس لیے اس کا ترجمہ چھوٹی میز یا تپائی وغیرہ کیا جا سکتا ہے۔

۔سکرجہ چھوٹی پلیٹ یا تھالی اور رکابی وغیرہ کو کہتے ہیں جس میں چٹنی وغیرہ رکھی جاتی ہے۔ یہ لذت پسندی اور عیش پرستی کا مظہر ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا کھانا سادہ اور زودہضم ہوتا تھا، اس لیےِ چٹنی وغیرہ کی ضرورت ہی نہیں پڑتی تھی۔

۔دسترخوان سے مراد وہ کپڑے یا چمڑے کا ٹکڑا ہے جسے بچھا کر اس پر کھانا رکھا جاتا ہے۔ اہل عرب اب بھی میز کرسی استعمال کرنے کے بجائے زمین پر دسترخوان بچھا کر کھانا کھانے کے عادی ہیں۔

کھانا اٹھائے جانے سے پہلے اٹھنا

حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’جب دسترخوان (پرکھانا)لگا دیا جائے تو کوئی آدمی (فارغ ہو کر) نہ اٹھے حتی کہ دسترخوان اٹھایا جائے۔ اور اپنا ہاتھ نہ روکے اگرچہ سیر ہو گیا ہو ، حتیٰ کہ لوگ فارغ ہو جائیں۔ اور (اگراسے ضرورت نہ ہو تو چاہیے کہ (اپنا)عذربیان کر دے)کیونکہ آدمی (ہاتھ روک کر) اپنے ساتھی کو شرمندہ کر دیتا ہے اور وہ بھی (شرم کی وجہ سے) ہاتھ روک لیتا ہے۔ ممکن ہے اسے ابھی کھانے کی (مزید) ضرورت ہو۔‘‘

ہاتھ میں (کھانے کی) چکنائی کی بو ہو تو

(بغیر ہاتھ دھوئے) سو جانا

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’اگر کوئی شخص اس حال میں سو گیا کہ اس کے ہاتھ میں چکنائی کی بو تھی اور اس نے ہاتھ نہیں دھویا تھا پھر اسے کوئی تکلیف پہنچ گئی تو وہ اپنے سواکسی کو ملامت نہ کرے۔‘‘

فوائد و مسائل :

۔کھانا کھانے کے بعد ہاتھ دھو لینے چاہئیں۔

۔گھی والا کھانا یا مٹھائی وغیرہ کھاکر بغیر ہاتھ دھوئے سونا منع ہے۔

۔اس ممانعت میں یہ حکمت ہے کہ چکنائی کی بو کی وجہ سے چیونٹیاں بستر پر آ سکتی ہیں، ان سے سونے والے کو نقصان یا تکلیف پہنچنے کا خطرہ ہے۔ بعض اوقات چوہا وغیرہ بھی کاٹ لیتا ہے جو خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

۔روزمرہ معاملات میں ایسے کاموں سے پرہیز کرنا چاہیے جن سے نقصان کا خطرہ ہو۔

بھوک اور جھوٹ

حضرت اسمائ بنت یزید انصاریہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے ، انہوں نے فرمایا :نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں کھانا حاضر کیا گیا۔ آپ نے ہمیں کھانے کی پیش کش کی۔ ہم نے کہا۔

’’ہمیں خواہش نہیں (بھوک نہیں ہے۔) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ ’’بھوک اور جھوٹ کو اکٹھا نہ کیا کرو۔‘‘

فوائد و مسائل :

۔کھانا کھاتے وقت موجود افراد کو کھانے کی پیش کش کرنا اچھی عادت ہے۔

۔کھانے کی پیش کش کی جائے تو بھوک ہونے پر قبول کرنے میں تکلف نہیں کرنا چاہیے۔

۔بھوک نہ ہو تو ایسی پیش کش قبول نہ کرنے میں حرج نہیں۔ شکریہ ادا کر دینا چاہیے ، تاہم بہتر ہے کہ ایک دو لقمے لے لیے جائیں۔

۔جھوٹ تکلف کے موقع پر بھی اچھا نہیں۔ معذرت کے لیے کوئی اور مناسب انداز اختیار کر لیا جائے۔

شرف

حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ جن کا تعلق قبیلہ ، بنو عبدالا شہل سے تھاان سے روایت ہے انہوں نے فرمایا۔

’’میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم دوپہر (صبح) کا کھانا کھا رہے تھے۔ آپ نے فرمایا :

’’آئیے ، کھانا کھائیے۔‘‘ میں نے کہا :میں روزے سے ہوں۔ افسوس ! کاش میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کھانے میں سے کچھ کھا لیتا۔

فوائد و مسائل :

۔اس روایت کے راوی وہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نہیں جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خادم خاص اور حضرت ام سلیم رضی اللہ عنہ کے بیٹے تھے بلکہ یہ ایک اور صحابی ہیں، اس لیے راوی نے وضاحت کر دی کہ ان کا تعلق بنو عبدالا شہل کے قبیلے سے ہے۔

۔روزے دار کو اگر کھانے کی دعوت دی جائے تو نفلی روزہ چھوڑ کر دعوت قبول کر لینا بہتر ہے ، تاہم روزہ مکمل کرنا بھی جائز ہے۔

جہنم میں پہنچانے والا عمل

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ ’’جب دو مسلمان اپنی تلواریں لے کر ایک دوسرے سے (لڑنے کے لیے) ملتے ہیں تو قاتل اور مقتول (دونوں فریق) جہنم میں جائیں گے۔ ‘‘ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا۔

’’اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! یہ قاتل ہے (اس لیے مجرم ہے) مقتول (کے جہنمی ہونے) کی کیا وجہ ہے ؟‘‘

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’وہ بھی اپنے ساتھی کو قتل کرنا چاہتا تھا۔‘‘

فوائد و مسائل :

۔جب کوئی شخص جرم کی پوری کوشش کرے لیکن کسی وجہ سے کامیاب نہ ہو سکے تو اللہ کے ہاں وہ بھی مجرم ہے۔

۔جو شخص ارتکاب جرم کا عزم رکھتا ہو لیکن ارتکاب سے پہلے رجوع کر لے تو اس کا گناہ معاف ہو جاتا ہے اور توبہ کی وجہ سے ثواب کا مستحق ہو جاتا ہے۔

دونوں جہنمی

حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’جب دو مسلمانوں میں سے ایک اپنے بھائی پر ہتھیار اٹھاتا ہے تو وہ دونوں جہنم کے کنارے پر ہوتے ہیں۔ جب ان میں سے ایک اپنے ساتھی کو قتل کر دیتا ہے تو دونوں جہنم میں داخل ہو جاتے ہیں۔‘‘

فوائد و مسائل :

۔جہنم کے کنارے پر ہونے کا مطلب یہ ہے کہ اس غلطی کی وجہ سے ان دونوں کے جہنمی ہونے کا خطرہ ہوتا ہے لیکن ان کے لیے جنہم سے بچنے کا موقع باقی ہوتا ہے کہ لڑائی سے باز آجائیں۔

۔مومن کا قتل جہنم میں پہنچانے والا عمل ہے البتہ توبہ یا قصاص سے یہ گناہ معاف ہو سکتا ہے۔

٭٭

قرآن پاک زندگی گزارنے کے لیے ایک لائحہ عمل ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی قرآن پاک کی عملی تشریح ہے۔ قرآن اور حدیث دین اسلام کی بنیاد ہیں اور یہ دونوں ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم کی حےثیت رکھتے ہیں۔ قرآن مجید دین کا اصل ہے اور حدیث شریف اس کی تشریح ہے۔

پوری امت مسلمہ اس پر متفق ہے کہ حدیث کے بغیر اسلامی زندگی نامکمل اور ادھوری ہے، اس لیے ان دونوں کو دین میں حجت اور دلیل قرار دیا گیا۔ اسلام اور قرآن کو سمجھنے کے لیے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کا مطالعہ کرنا اور ان کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔

کتب احادیث میں صحاح ستہ یعنی صحےح بخاری، صحیح مسلم، سنن ابو دائود، سنن نسائی، جامع ترمذی اور موطا مالک کو جو مقام حاصل ہے، وہ کسی سے مخفی نہیں۔

ہم جو احادیث شائع کررہے ہیں، وہ ہم نے ان ہی چھ مستند کتابوں سے لی ہیں۔

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کے علاوہ ہم اس سلسلے میں صحابہ کرام اور بزرگان دین کے سبق آموز واقعات بھی شائع کریں گے۔

**********

اس تحریر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں