بخل اور حرص کی ممانعت

کرن کرن روشنی 0

اللہ تعالیٰ نے فرمایا :

’’ لیکن جس نے بخل کیا اور بے پروائی اختیار کی اور اچھی بات کو جھٹلایا تو ہم اس کے لیے تنگی کا سامان مہیا کر دیتے ہیں (یعنی ایسی راہ پر لگا دیتے ہیں جس کا انجام برا ہے ) اور اس کا مال اس کے کام نہیں آئے گا جب وہ ہلاک ہو گا (یا جب جہنم میں گرے گا)۔

(اللیل11-8:)

اور فرمایا: ’’ اور جو اپنے نفس کے بخل اور حرص سے بچا لیا گیا پس وہی کامیاب ہے۔‘‘ (التغابن ۔ 16)

فائدہ آیات :

بخل اور شح کا مفہوم تقریباً ایک ہی ہے، تاہم بعض کہتے ہیں کہ اپنا مال اللہ کی راہ میں خرچ نہ کرنا بخل ہے اور لوگوں کا مال ناجائز طریقے سے ہڑپ کر جانا شح ہے۔ یہ بخل سے بھی زیادہ بڑا جرم ہے۔ اسی طرح جو شخص اپنے مال میں سے زکوۃ ادا کرتا اور حسب ضرورت صدقہ و خیرات کرتا اور مال حاصل کرنے کے لیے کوئی ناجائز حربہ اور ذریعہ اختیار نہیں کرتا وہ گویا شح نفس سے بچا لیا گیا جو اس کے عنداللہ کامیاب ہونے کی دلیل ہے اور اس کے برعکس رویہ بخل اور شح ہے جو انسان کی تباہی و بربادی کی علامت ہے۔

ظلم

حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

’’ظلم کرنے سے بچو، اس لیے کہ ظلم ،قیامت والے دن اندھیروں کا باعث ہو گا۔ اور شح (بخل و حرص) سے بچو، اس لیے کہ اسی شح نے تم سے پہلے لوگوں کو ہلاک کیا ہے۔ اس شح نے ہی انہیں اس بات پر آمادہ کیا کہ وہ آپس میں خون ریزی کریں اور حرام کردہ چیزوں کو انہوں نے حلال سمجھ لیا۔‘‘ (مسلم)

فائدہ :

انسان جب مال کا بندہ بن جائے اور اسے دنیا کی ہوس لگ جائے تو اس کے دل سے ہمدردی ختم ہو جاتی ہے اور وہ حصول دولت کے لیے سب کچھ کر گزرتا ہے ، حتی کہ بخیل نفس کی تسکین کے لیے خون تک بہانے سے بھی گر یز نہیں کرتا بلکہ اس قدر حیوان بن جاتا ہے کہ اپنی خواہشات کو شرعی جواز دینے کے لیے حرام تک کو حلال سمجھ بیٹھتا ہے۔

ایثار و قربانی اور ہمدردی

اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ’’ وہ اپنے نفسوں پر دوسروں کو ترجیح دیتے ہیں ، اگرچہ وہ خود بھوکے ہی ہوں۔‘‘ (الحشر۔9)

اور فرمایا :’’اور وہ طعام (دنیوی مال و متاع) کی محبت کے باوجود مسکین ، یتیم اور قیدی کو کھانا کھلاتے ہیں۔‘‘ (الدہر ۔8)

فائدہ آیات :

ان دونوں آیات میں مومنوں کا یہ کردار بیان کیا گیا ہے کہ وہ اپنی ضرورت پر دوسروں کی ضرورت کو ترجیح دیتے ہیں اور مال کی محبت کے باوجود اللہ کی راہ میں مال خرچ کرتے ہیں۔

مہمان داری

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور کہا :

’’میں (بھوک سے)نڈھال ہوں۔‘‘

پس آپ نے اپنی بعض ازواج مطہرات کی طرف پیغام بھیجا۔انہوں نے جواب دیا۔

’’قسم ہے اس ذات کی جس نے آپ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے میرے پاس پانی کے سوا کچھ نہیں۔‘‘

پھر آپ نے دوسری بیوی کی طرف پیغام بھیجا۔

اس نے بھی اس کی مثل جواب دیا۔

حتی کہ سب ہی نے یہی کہا:

’’اس ذات کی قسم جس نے آپ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے ! میرے پاس سوائے پانی کے کچھ نہیں ۔ ‘‘

پس نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

’’آج کی رات کون اس کی مہمانی کرے گا ؟‘‘

تو ایک انصاری آدمی نے کہا :

’’یا رسول اللہ ! میں ۔‘‘

پس وہ اسے اپنے ساتھ اپنے گھر لے گیا اور اپنی بیوی سے کہا:

’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مہمان کی عزت کرنا ۔‘‘(بخاری)

اور ایک روایت میں ہے کہ اس نے اپنی بیوی سے کہا :

’’کیا تیرے پاس کوئی چیز ہے ؟‘‘

اس نے کہا :’’نہیں ، صرف میرے بچوں کی خوراک ہے۔‘‘

اس نے کہا :’’ان بچوں کو کسی چیز کے ساتھ بہلائو اور جب وہ رات کا کھانا مانگیں تو انہیں (کسی طریقے سے) سلا دینا ، اور جب ہمارا مہمان گھر میں داخل ہو تو چراغ بجھا دینا ، اور اس پر ظاہر کرنا کہ ہم (بھی اس کے ساتھ)کھانا کھا رہے ہیں۔‘‘

چنانچہ وہ سب (کھانے کے لیے) بیٹھ گئے اور مہمان نے کھانا کھایا اور دونوں نے بھوکے رات گزاری۔

جب صبح ہوئی اور وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس حاضر ہوئے تو آپ نے فرمایا :

’’تم نے آج کی رات اپنے مہمان کے ساتھ جو سلوک کیا ، اللہ تعالیٰ اس پر بڑا خوش ہوا ہے۔‘‘ (بخاری و مسلم)

فوائد و مسائل :

اس میں اکرام ضیف (مہمان کی عزت اور اس کی مہمانی) اور ایثار کی ایک نادر مثال پیش کی گئی ہے جسے اللہ نے بھی پسند فرمایا۔

اس سے ایثار و قربانی کی ترغیب ملتی ہے۔ جس معاشرے میں یہ جذبہ عام ہو جائے وہاں لوٹ کھسوٹ کے بجائے ایک دوسرے کی ہمدردی اور ایثار سے وہ معاشرہ جنت نظیر بن جاتا ہے۔

قناعت کی برکت

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

’’دو آدمیوں کا کھانا تین آدمیوں کو اور تین کا کھانا چار آدمیوں کو کافی ہے۔ ‘‘ (بخاری و مسلم)

اور مسلم کی ایک روایت میں حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

’’ایک آدمی کا کھانا دو آدمیوں کو اور دو کا کھانا چار کو اور چار کا کھانا آٹھ آدمیوں کو کافی ہے۔‘‘

فائدہ :

اس میں مکارم اخلاق ، ہمدردی اور قناعت کی تعلیم ہے کہ اگر کبھی ہنگامی طور پر ایسی ضرورت پیش آجائے کہ کھانا کم اور کھانے والے افراد زیادہ ہوں تو مذکورہ حساب سے مل جل کر کھا لینا چاہیے۔ اس میں اللہ کی طرف سے برکت ہو گی اور ثواب بھی ملے گا۔

ہمدردی

حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک دفعہ ہم سفر میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے کہ ایک آدمی اپنی سواری پر آیا اور دائیں بائیں اپنی نظر کو گھمانے لگا۔ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :

’’جس کے پاس فالتو سواری ہو ، اسے چاہیے کہ وہ اسے دے دے جس کے پاس سواری نہ ہو۔ اور جس کے پاس زائد توشہ ہو ، وہ اسے دے دے جس کے پاس توشہ نہ ہو۔‘‘

اس طرح آپ نے مختلف قسم کے مالوں کا ذکر فرمایا ، یہاں تک کہ ہم نے خیال کیا کہ ہم میں سے کسی شخص کا زائداز ضرورت چیز میں کوئی حق نہیں ہے۔ (مسلم)

فائد ہ :

مواخات اور ہمدردی کے باب میں اس حدیث کے ذکر کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ مسلمانوں کو اجتماعی زندگی میں ، خاص طور پر بحرانی دور میں ایک دوسرے کا معاون ، خیر خواہ اور ہمدر د ہونا چاہیے اور اپنی ضرورت سے زائد ہر چیز دوسرے ضرورت مند مسلمانوں کو دے دینی چاہیے ، تاہم یہ حکم فرض و وجوب کے دائرے میں نہیں ہے۔ اگر ایسا ہوتا تو کسی کو مال جمع کر کے رکھنے کی اجازت نہ ہوتی۔ یہ حکم استحبابی ہے۔ اگر مسلمانوں میں اخلاق کریمانہ عام ہوتا تو اس حکم کے استحبابی ہونے کے باوجود اس پر عمل کثرت کے ساتھ ہوتا اور مسلمان معاشرہ اخوت و مساوات کے اعتبار سے مثالی ہوتا۔ لیکن اخلاق کریمانہ کے فقدان نے اس استحبابی حکم کی ساری اہمیت و افادیت ختم کر دی۔ اس لیے مسلمان معاشروں میں ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی و تعاون کے بجائے ایک دوسرے سے بے نیازی کے نہایت سنگ دلانہ مظاہرے عام ہیں۔

حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک عورت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک بنی ہوئی چادر لے کر آئی اور کہنے لگی:

’’میں نے اسے اپنے ہاتھ سے بنا ہے تاکہ آپ کو پہنائوں۔‘‘

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے اپنی ضرورت کی چیز سمجھتے ہوئے قبول فرما لیا۔ پھر آپ اسے تہ بند کے طور پر باندھ کر ہمارے درمیان تشریف لائے تو ایک صاحب نے کہا : یہ تو آپ مجھے پہنا دیں ، کس قدر خوب صورت ہے یہ چادر !‘‘

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :’’اچھا۔‘ ‘ پھر نبی صلی اللہ علیہ وسلم مجلس میں بیٹھ گئے ، پھر واپس گئے اور اس چادر کو اتار کر لپیٹا اور اس آدمی کی طرف اسے بھیج دیا۔ پس لوگوں نے اسے کہا۔

’’تو نے اچھا نہیں کیا ، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ چادر اپنی ضرورت سمجھ کر پہنی تھی لیکن تو نے آپ سے یہ مانگ لی اور تجھے یہ بھی معلوم ہے کہ آپ کسی سائل کو (خالی) واپس نہیں کرتے۔‘‘

اس نے کہا : ’’ اللہ کی قسم ! میں نے یہ اپنے پہننے کے لیے نہیں مانگی ، میں نے تو یہ اس لیے مانگی ہے تاکہ (آپ کے جسم مبارک سے لگی ہوئی یہ بابرکت چادر)میرا کفن بن جائے۔‘‘

راوی حدیث حضرت سہل فرماتے ہیں : پس یہ چادر اس کے کفن ہی کے کام آئی۔ (بخاری)

فوائد و مسائل :

اس میں ہدیہ قبول کرنے کا جواز ہے کیونکہ باہم ہدیوں کے تبادلے سے محبت بڑھتی ہے۔ اس لیے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: ’’ایک دوسرے کو ہدیہ دیا کرو ، اس سے باہم محبت پیدا ہوتی ہے۔‘‘

آپ کسی سائل کو (خالی)واپس نہیں لوٹاتے تھے۔

قبل از وقت ،ضرورت کی چیز تیار کر کے رکھنا جائز ہے۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے وضو کے پانی، آپ کے پسینے اور بال وغیرہ کو صحابہ رضی اللہ عنہم نے متبرک سمجھا اور ان سے تبرک حاصل کیا ، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے آثار سے تبرک حاصل کرنا جائز ہے مگرآپ کے علاوہ صحابہ کرام رضی اللہ عہنم نے کسی کے آثار سے تبرک حاصل نہیں کیا ورنہ خلفائ اور عشرہ مبشرہ کے آثار سے بھی تبرک حاصل کیا جاتا۔ علاوہ ازیں صحابہ نے بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے جسم مبارک سے مس کی ہوئی چیزوں ہی سے تبرک حاصل کیا۔ دیواروں ، کھڑکیوں اور دروازوں وغیرہ سے نہیں کیا ، جیسے آج کل بعض لوگ حرمین شریفین میں جا کر کرتے ہیں ، پھر ستم بالائے ستم یہ کہ قبر کے دھوون کو بھی متبرک سمجھا جاتا ہے ، حالانکہ اول تو قبر کو پختہ بنانے ہی کی اسلام میں اجازت نہیں ہے ، تو پھر کسی قبر کو دھونے کا جواز کیوں کر ثابت ہو سکتا ہے؟

میں ان میں سے ہوں

حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

’’ اشعری حضرات، جب جہاد (کے سفر) میں زاد راہ ختم ہو جاتا یا ختم ہونے کے قریب ہوتا ہے، یا مدینے میں (حالت قیام میں) ان کے اہل و عیال کا کھانا کم ہو جاتا ہے، تو ان کے پاس جو کچھ ہوتا ہے، سب ایک کپڑے میں جمع کر لیتے ہیں اور پھر اسے ایک برتن میں مساوی طور پر آپس میں تقسیم کر لیتے ہیں ، پس یہ لوگ مجھ سے ہیں اور میں ان سے ہوں۔‘‘

(بخاری و مسلم )

فوائد و مسائل :

’’وہ مجھ سے ہیں اور میں ان سے ہوں۔‘‘یہ اس بات کے اظہار کا پیرایہ بیان ہے کہ اخلاق و کردار اور اعمال خیر میں ہم ایک دوسرے کے بہت قریب بلکہ ایک جیسے ہیں۔

اس میں اشعری قبیلے کے افراد کی فضیلت کے علاوہ ایک دوسرے کی ہمدردی و خیر خواہی کی ترغیب ہے۔ خاص طور پر ابتلا اور بحران کے موقعوں پر لوگ اس طرح باہم تعاون کریں تو کم وسائل والوں کو کوئی تکلیف اور پریشانی نہ ہو۔ اس باب میں مذکورہ تمام احادیث کا یہی خلاصہ ہے۔

آخرت کا شوق ورغبت

اللہ تعالیٰ نے فرمایا :

’’اور اس (جنت)کے بارے میں ہی رغبت کرنے والوں کو رغبت کرنی چاہیے۔‘‘

(المطففین26-)

فائدہ آیت :

جنت کی بعض صفات بیان کر کے اللہ نے مذکورہ بات ارشاد فرمائی، جس کا مطلب ہے کہ رغبت اور شوق کی کوئی چیز ہے تو وہ جنت ہے ، اس لیے اہل ایمان کے دلوں میں اسی کی رغبت اور اس کے مطابق اسے حاصل کرنے کے لیے سعی وجہد ہونی چاہیے۔

آخرت کی رغبت

حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک مشروب (پانی یا دودھ وغیرہ) لایا گیا۔ آپ نے اس میں سے کچھ پیا۔ اور آپ کی دائیں جانب ایک لڑکا اور بائیں جانب بزرگ لوگ تھے۔ پس آپ نے لڑکے سے فرمایا :

’’کیا تو مجھے اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ میں (تیرے بجائے پہلے) ان بزرگوںکو دوں؟‘‘

تو لڑکے نے کہا :

’’نہیں، اللہ کی قسم! یارسول اللہ ! میں آپ کی طرف سے ملنے والے اپنے حصے میں کسی کو ترجیح نہیں دوں گا۔ پس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وہ پیالہ اس لڑکے کے ہاتھ پر رکھ دیا۔ (بخاری و مسلم)

اور یہ لڑکا حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ تھے۔

فوائد و مسائل :

مجلس میں تقسیم کرنے کے لیے مسئلہ یہ ہے کہ دائیں جانب سے آغاز کیا جائے۔ واقعہ مذکورہ میں دائیں جانب حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ تھے جو ابھی نو عمر تھے ، جبکہ بائیں جانب عمر رسیدہ حضرات تھے۔ بڑوں کی توقیر و احترام کا تقاضا تھا کہ آغاز ان سے کیا جائے لیکن مسئلے کا تقاضا یہ تھا کہ ابن عباس رضی اللہ عنہ سے اس کا آغاز کیا جائے کیونکہ وہ دائیں جانب تھے۔ اس لیے آپ نے ان کے اس حق اولیت کو محض ان کے نو عمر ہونے کی وجہ سے نظر انداز نہیں کیا بلکہ ان سے اجازت طلب کر کے واضح کر دیا کہ صاحب حق ہی کو اولیت دی جائے چاہے وہ بچہ ہی ہو۔ البتہ اس سے گنجائش نکلتی ہے کہ چھوٹوں کی اجازت کے ساتھ بڑوں کو ترجیح دی جائے۔

دوسری طرف حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ کے لیے بھی ضروری تھا کہ وہ بڑوں کا ادب و احترام کرتے ہوئے اپنے حق سے دست بردار ہو جاتے لیکن ان کے سامنے اس سے بھی اہم تر مسئلہ یہ تھا کہ مشروب کا وہ پیالہ جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا بچا ہوا مشروب تھا اور جسے آپ کے دہان (منہ) مبارک سے مس ہونے کا شرف حاصل ہو چکا تھا، اس تبرک سے سب سے پہلے وہ خود بہرہ ور ہوں ، اس لیے انہوں نے بڑوں کے ادب و احترام کے تقاضے پر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے تبرک کو ترجیح دی۔ یوں بڑوں کے ادب و احترام کا مسئلہ بھی واضح ہو گیا اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے آثار سے تبرک حاصل کرنے کی اہمیت بھی اجاگر اور نمایاں ہو گئی۔ علاوہ ازیں حق دار کا استحقاق اولیت بھی ثابت ہو گیا۔

برکت

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

’’ اس دوران کہ ایوب علیہ السلام کپڑے اتار کر غسل فرما رہے تھے ، ان پر سونے کی ٹڈیاں گرنے لگیں۔ حضرت ایوب انہیں لپ بھربھر کے اپنے کپڑے میں رکھنے لگے تو اللہ عزوجل نے آسمان سے انہیں پکارا:

’’اے ایوب ! کیا میں نے تجھے ان چیزوں سے بے نیاز نہیں کر دیا تھا جنہیں تو دیکھ رہا ہے ؟‘‘

حضرت ایوب (علیہ السلام) نے عرض کیا : ’’کیوں نہیں ، تیری عزت کی قسم ! لیکن تیری برکت سے تو ، جو مجھ پر نازل ہو ، بے نیازی نہیں ہو سکتی۔‘‘ (بخاری)

فوائد و مسائل :

اس میں بھی برکت کا مسئلہ بیان ہوا ہے۔ اسی مناسبت سے اسے اس باب میں بیان کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اس میں مال جمع کر کے رکھنے کا اور تنہائی میں ، جہاں کوئی دیکھنے والا نہ ہو ، ننگے بدن غسل کرنے کا جواز ہے۔

شکر گزار

اللہ تعالیٰ نے فرمایا :

’’لیکن جس شخص نے (اللہ کی راہ میں) دیا اور اللہ سے ڈرا اور اچھی بات کی تصدیق کی ، ہم اسے آسان راستے (نیکی) کی توفیق دیں گے۔ ‘‘

(اللیل5-7-)

اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا :

’’اور بچا لیا جائے گا اسے جہنم سے جو بڑا پرہیز گار ہے، جو اپنا مال پاکیزگی حاصل کرنے کے لیے دیتا ہے اور کسی کا اس پر احسان نہیں ہے کہ جس کا بدلہ دیا جائے ، صرف اپنے رب برتر کی رضا مندی کے لیے خرچ کرتا ہے اور یقینا عنقریب وہ خوش ہو جائے گا۔‘‘

(اللیل 17-21-)

نیز فرمایا :

’’ اگر تم صدقات ظاہر کر کے دو ، تب بھی اچھا ہے اور اگر تم چھپا کر دو اور فقرائ کو دو تویہ تمہارے لیے زیادہ بہتر ہے اور وہ تم سے تمہاری برائیاں دور فرما دے گا اور اللہ تعالیٰ تمہارے عملوں سے باخبر ہے۔‘‘

(البقرہ271-)

اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا :

’’تم اس وقت تک نیکی حاصل نہیں کر سکتے جب تک تم اپنی پسندیدہ چیزیں (اللہ کی راہ میں)خرچ نہیں کرو گے اور تم جو کچھ بھی خرچ کرتے ہو، اللہ اسے جانتا ہے۔‘‘

(عمران92-)

اور نیکی اور اطاعت کے کاموں میں خرچ کرنے کے بارے میں بہت سی آیات ہیں جو کہ معلوم ہیں۔

فائدہ :

ان تمام آیات میں انفاق فی سبیل اللہ کی فضیلت اور تاکید بیان کی گئی ہے۔

رشک کرنا

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

’’صرف دو خصلتوں پر رشک کرنا جائز ہے : ایک اس آدمی (کی خصلت) پر جسے اللہ نے قرآن مجید عطا فرمایا ، پس وہ اس کے ساتھ رات کی گھڑیوں میں بھی عمل کرتا ہے اور دن کی گھڑیوں میں بھی۔ اور دوسرا وہ آدمی جسے اللہ نے مال عطا فرمایا ، چنانچہ وہ اسے رات کی گھڑیوں میں بھی خرچ کرتا ہے اور دن کی گھڑیوں میں بھی۔‘‘ (بخاری و مسلم)

قیام بالقرآن سے مراد :تلاوت کر کے اور احکام بجا لا کر عمل کرنا ہے۔

اللہ کا کرم

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ فقرائے مہاجرین رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا : دولت مند لوگ بلند درجے اور ہمیشہ رہنے والی نعمتیں لے گئے۔ آپ نے پوچھا:

’’وہ کیسے ؟‘‘

انہوں نے عرض کیا : وہ نماز پڑھتے ہیں جیسے ہم پڑھتے ہیں ، وہ روزے رکھتے ہیں جیسے ہم رکھتے ہیں اور وہ صدقہ کرتے ہیں لیکن ہم (استطاعت نہ رکھنے کی وجہ سے) صدقہ نہیں کرتے اور وہ غلام آزاد کرتے ہیں ، ہم نہیں کرتے (دولت مندی کی وجہ سے وہ ہم سے زیادہ فضیلت حاصل کر لیتے ہیں۔)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

’’کیا میں تمہیں ایسی چیز نہ بتلائوں کہ جس کے ذریعے سے تم اپنے سے آگے بڑھنے والوں کو پالو اور اپنے بعد والوں سے تم بڑھ جائو اور کوئی تم سے زیادہ فضیلت والا نہ ہو ، مگر وہی جو تمہارے جیسا یہ عمل کرے؟

انہوں نے کہا :’’کیوں نہیں ، اے اللہ کے رسول !(ایسا عمل تو ضرور بتلائیے !)

آپ نے ارشاد فرمایا :

’’تم ہر نماز کے بعد تینتیس ، تینتیس مرتبہ سبحان اللہ ، الحمد للہ اور اللہ اکبر پڑھ لیا کرو۔ (چنانچہ انہوں نے اس پر عمل شروع کر دیا۔ لیکن دولت مند مسلمانوں کو بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمان پہنچ گیا تو وہ بھی اس پر عمل کرنے لگے۔)

لہٰذا فقرائے مہاجرین دوبارہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں حاضر ہوئے اور عرض کیا :

ہمارے اس فعل کی سن گن ہمارے دولت مند بھائیوں کو بھی ہو گئی ہے اور انہوں نے بھی اس عمل کو اپنا لیا ہے۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’یہ تو اللہ کا فضل ہے جسے وہ چاہے دیتا ہے۔‘‘ (بخاری و مسلم ۔ یہ الفاظ مسلم کے ہیں۔)

فوائد و مسائل :

الفاظ حدیث سے بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ سبحان اللہ ، الحمد للہ ، اللہ اکبر 33 مرتبہ کہو۔ اس طرح ہر کلمے کو گیارہ مرتبہ کہہ لینے سے 33 کی تعداد پوری ہو جاتی ہے لیکن حافظ ابن حجر رحمتہ اللہ فرماتے ہیں کہ اظہر (زیادہ واضح) بات یہ ہے کہ ہر کلمہ 33مرتبہ کہا جائے۔ اصل عبارت یوں ہو گی :تسبحون خلف کل صلاۃثلاثا و ثلائین ۔

’’ہرنماز کے بعد 33مرتبہ سبحان اللہ کہو، 33 مرتبہ الحمد للہ کہو اور اسی طرح 33 مرتبہ اللہ اکبر کہو۔‘‘ اور امام نووی رحمتہ اللہ فرماتے ہیں :بعض روایات کی رو سے اللہ اکبر 34مرتبہ اور پھر آخر میں لا الہ الااللہ وحدہ لا شریک لہ لہ الملک ولہ الحمد ، و ھو علی کل شئیئ قدیر پڑھ لیا جائے۔

اکٹھا پڑھا جائے یا علیحدہ علیحدہ ؟ قاضی عیاض فرماتے ہیں : علیحدہ علیحدہ پڑھنا بہتر ہے۔ اور حافظ ابن حجر رحمتہ اللہ فرماتے ہیں : دونوں طرح ٹھیک ہے۔ دونوں طرح ہی مذکورہ تعدادپوری ہو جاتی ہے۔ علاوہ ازیں اس موقع پر عدد مسنون پر اضافہ نہ کیا جائے بلکہ جس طرح حکیم کے نسخے کو کسی بھی جز میں کمی بیشی کیے بغیر استعمال کرنا ضروری ہے ورنہ اس کی افادیت ختم ہو جاتی ہے ، اسی طرح نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بتلائی ہوئی تعداد میں جو برکت ، تاثیر اور روحانی فوائد ہیں ، اس میں کمی بیشی کرنے سے یہ برکت و تاثیر ختم ہو جائے گی۔

اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نیکی کے معاملے میں کس طرح بڑھ چڑھ کر رغبت رکھتے تھے اور ان کی نظر اپنے سے زیادہ اعمال خیر کرنے والوں پر ہوتی تھی جیسا کہ حکم ہے ، اور پھر ان ہی کی سی فضیلت حاصل کرنے کے لیے بے چین رہتے تھے۔

اہل ثروت اگر تمام احکام و فرائض اسلام کی پابندی کے ساتھ ، دولت مندی کی وجہ سے ، مالی عبادات کا بھی اہتمام کریں گے تو یہ ایسا شرف وفضل ہے جس میں دوسرے اہل ایمان ان کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے جو دولت سے محروم ہونے کی وجہ سے صدقہ و خیرات وغیرہ کرنے سے معذور ہیں۔

موت کو یاد کرنے اور آرزوئیں کم کرنے کا بیان

اللہ تعالیٰ نے فرمایا :

’’ہر جان دار نے موت کا مزہ چکھنا ہے اور قیامت والے دن تمہیںپورا پورا بدلہ دیا جائے گا۔ چنانچہ جو دوزخ سے بچا لیا گیا اور جنت میں داخل کر دیا گیا ، وہ یقینا کامیاب ہو گیا۔ اور دنیوی زندگی تو صرف دھوکے کا سامان ہے۔‘‘

(آل عمران 185-)

نیز فرمایا :’’کوئی جان دار نہیں جانتا کہ کل کو کیا کرے گا اور کسی جان دار کو یہ پتا نہیں کہ وہ کون سی زمین میں مرے گا۔‘‘

اور اللہ نے فرمایا :’’جب ان کا وقت آ پہنچتا ہے تو ایک گھڑی پیچھے ہٹ سکتے ہیں اور نہ آگے بڑھ سکتے ہیں۔‘‘(النحل 61-)

نیز اللہ نے فرمایا :

’’اے ایمان والو ! تمہیں تمہارے مال اور تمہاری اولاد اللہ کی یاد سے غافل نہ کر دیں ، اور جو ایسا کرے گاتو وہی لوگ نقصان اٹھانے والے ہیں۔ اور جو ہم نے تمہیں دیا ہے، اس میں سے خرچ کرو، پہلے اس سے کہ تم میں سے کسی کو موت آئے اور پھر کہے : اے رب !تو نے مجھے تھوڑے دنوں کی مہلت کیوں نہ دی کہ میں صدقہ کر لیتا اور نیکو کاروں میں سے ہو جاتا۔ اور جب کسی کا وقت مقرر آجائے تو اللہ تعالیٰ ہر گز مہلت نہیں دیتا۔ اور اللہ تعالیٰ تمہارے عملوں سے باخبر ہے۔ ‘‘(المنافقون 9-11:)

اور فرمایا اللہ تعالیٰ نے :

’’یہاں تک کہ جب ان میں سے ایک کو موت آئے تو وہ کہتا ہے :اے میرے رب ! مجھے دنیا میں واپس بھیج دے تاکہ جسے میں چھوڑ آیا ہوں اس میں جا کر نیک عمل کروں۔ (یاد رکھو!) ہر گز ایسا نہیں ہو گا۔ یہ صرف ایک بات ہی ہے جسے وہ کہے گا۔ اور ان کے درمیان ایک آڑ ہے قیامت کے دن تک۔ چنانچہ جب صور میں پھونکا جائے گا تو اس دن ان کے درمیان کوئی رشتے داری نہیں رہے گی اور نہ وہ ایک دوسرے کو پوچھیں گے۔ تو جن کے پلڑے بھاری ہوں گے ، وہی لوگ کامیاب ہوں گے اور جن کے پلڑے ہلکے ہوں گے ، تو یہی لوگ ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کو خسارے میں ڈالا ، (اور یہ) جہنم میں ہمیشہ رہیں گے۔ ان کے چہروں کو آگ جھلستی ہو گی اور اس میں وہ تیوری چڑھائے ہوں گے۔(ان سے کہا جائے گا : )کیا تم پر میری آیتیں پڑھی نہ جاتی تھیں ، پس تم انہیں جھٹلاتے تھے۔ (وہ کہیں گے:ہم پر ہماری بد بختی غالب آ گئی اور ہم گمراہ لوگ تھے۔اے رب ہمارے ! ہمیں اس جہنم سے نکال لے ، پھر اگر ہم دوبارہ (تیری نافرمانی) کریں تو یقینا ہم ظالم ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرمائے گا :اسی میں ذلیل و خوار ہو کر رہو اور مجھ سے بات نہ کرو)‘‘.

آگے آیات ، اللہ کی اس فرمان تک :’’تم زمین میں کتنے برس رہے ؟ وہ کہیں گے : ایک دن یا دن کا کچھ حصہ ، چنانچہ تو گنتی کرنے والوں (فرشتوں) سے پوچھ لے۔ اللہ فرمائے گا : تم واقعی تھوڑا ہی رہے ، اگر تم جانتے ہوتے۔ کیا پس تم نے یہ گمان کیا تھا کہ ہم نے تمہیں (بے مقصد) بے کار پیدا کیا اور یہ کہ تم ہماری طرف نہیں لوٹائے جائو گے ؟‘‘

(المومنون: 99-115)

اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا :’’کیا ایمان والوں کے لیے وقت نہیں آیا کہ ان کے دل اللہ کی یاد سے نرم ہو جائیں اور اس سے جو اللہ نے حق نازل فرمایا اور وہ ان لوگوں کی طرح نہ ہوں جنہیں پہلے کتاب دی گئی ، پھر ان پر زمانہ دراز ہو گیا تو ان کے دل سخت ہو گئے اور اکثر ان میں سے فاسق ہیں۔‘‘ (الحدید 16-)

اور اس باب میں بہت سی آیات ہیں اور مشہور ہیں۔

فائدہ آیات :

ان تمام آیات میں اس حقیقت کا اظہار ہے کہ یہ دنیا فانی ہے اور اس کا ساز و سامان ایک متاع فریب ہے اور اس کے بعد آخرت کی زندگی اور اس کی نعمتیں ہیں جنہیں زوال اور فنا نہیں۔ لیکن ان اخروی نعمتوں کے مستحق صرف اہل ایمان ہوں گے اور اہل فسق و کفر کے لیے تو جہنم کا سخت عذاب ہے۔ جب تک انسان زندہ رہتا ہے، اس کی آنکھوں پر غفلت کا پردہ پڑا رہتاہے اور وہ اس طرف توجہ نہیں دیتا لیکن مرنے کے بعد وہ دوبارہ دنیا میں آنے کی خواہش کرے گا جو کسی طرح ممکن نہیں ۔ اس لیے صحیح راستہ یہی ہے کہ انسان موت اور اپنے انجام کو ہر وقت یاد رکھے اور آخرت کی تیاری سے کسی وقت غافل نہ رہے کیونکہ موت کا کوئی پتا نہیں ، کس وقت آجائے۔ اس کا ایک وقت مقرر ہے جس سے وہ ایک گھڑی آگے پیچھے نہیں ہو گی۔

دنیا میں اس طرح رہو

حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرا کندھا پکڑا اور فرمایا:

’’تم دنیا میں اس طرح رہو ، گویا پردیسی ہو یا جیسے رہ گزر ہوتا ہے۔‘‘ (صحیح بخاری)

اور حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہا فرمایا کرتے تھے۔

’’جب تم شام کرو تو صبح کا انتظار نہ کرو اور جب صبح کرو تو شام کا انتظار نہ کرو۔ اور اپنی تندرستی کے زمانے میں اپنی بیماری کے لیے اور اپنی زندگی میں اپنی موت کے لیے تیاری کر لو۔(بخاری)

وصیت کی اہمیت

حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ ہی سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :’’کسی مسلمان مرد کے لیے ، جس کے پاس وصیت کے قابل کوئی چیز ہو، یہ جائز نہیں ہے کہ وہ دو راتیں بھی اس حالت میں گزارے کہ اس کے پاس وصیت لکھی ہوئی نہ ہو۔‘‘ (بخاری و مسلم ۔یہ الفاظ بخاری کے ہیں۔)

اور مسلم کی روایت میں ہے۔

’’(یہ جائز نہیں کہ) وصیت کے بغیرتین راتیں گزارے ۔‘‘ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا :

’’جب سے میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ بات سنی ، مجھ پر ایک رات بھی ایسی نہیں گزری کہ میری وصیت میرے پاس (لکھی ہوئی موجود) نہ ہو۔‘‘

فائدہ :

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اس تاکید وصیت سے واضح ہے کہ موت کا کوئی پتا نہیں، اس لیے صاحب حیثیت لوگوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ہر وقت وصیت لکھ کر رکھیں تاکہ ان کی وفات کے بعد لین دین کے معاملات ان کے ذمے نہ رہیں، نیز ورثائ کے درمیان جائیداد میں لڑائی جھگڑا نہ ہو۔

جلدی کر و

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ ہی سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

’’تم لذتیں ختم کرنے والی چیز ، یعنی موت کو کثرت سے یاد کیا کرو۔‘‘ (اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے : یہ حدیث حسن ہے۔)

فائد ہ :

موت کا تصور اور اس کا ذکر انسان کو دنیاوی لذتوں میں انہماک اور معصیتوں کے ارتکاب سے باز رکھتا ہے۔ اس لیے کثرت سے موت کو یاد کرنا چاہیے اور موت کے بعد پیش آنے والے معاملات سے انسان کو غافل نہیں رہنا چاہیے۔

حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جب رات کا ایک تہائی حصہ گزر جاتا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (عبادت کے لیے) کھڑے ہو جاتے اور فرماتے :

’’اے لوگو! اللہ کو یاد کرو۔ جسم پر لرزہ طاری کر دینے والی چیز (نفخہ اولیٰ) اور اس کے پیچھے آنے والا (نفخہ ثانیہ) آ پہنچا ، موت بھی اپنی ہولناکیوں سمیت آ گئی ، موت بھی اپنی ہولناکیوں سمیت آ پہنچی۔‘‘

میں نے کہا :

’’اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! میں آپ پر کثر ت سے درود پڑھتا ہوں ، پس میں آ پ پر درود کے لیے کتنا وقت مقرر کروں؟

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :’’جتنا تم چاہو۔‘‘

میں نے کہا : وقت کا چوتھا حصہ ؟

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

’’جتنا تم چاہو ، اگر تم زیادہ کرو گے تو تمہارے لیے بہترہے۔‘‘

میں نے کہا :تو پھر آدھا؟

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

’’جتنا تم چاہو ، اگر تم زیادہ کرو گے تو تمہارے لیے بہتر ہے۔ ‘‘

میں نے کہا : تو پھر آدھا ؟

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

’’جتنا تم چاہو ، اگر تم زیادہ کرو گے تو تمہارے لیے بہتر ہے۔‘‘

میں نے کہا : میں اپنا سارا وقت آپ پر درود کے لیے وقف کر دیتا ہوں۔‘‘ آپ نے فرمایا :

’’پھر تو (یہ عمل) تمہارے غموں (کے دور کرنے) کے لیے کافی ہو گا اور تمہارے گناہ بھی معاف کر دیے جائیں گے۔‘‘ (اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے : یہ حدیث حسن ہے۔)

فوائد و مسائل :

راجفتہکے معنی ہیں : لرزا دینے (کپکپی طاری کر دینے) والی ۔ جب اسرافیل پہلی مرتبہ صور پھونکیں گے تو زمین اور پہاڑ لرز اٹھیں گے۔ اس لیے نفخہ اولیٰ کے اعتبار سے قیامت کو راجفتہکہا گیا ہے۔ اس کے بعد دوسرا نفخہ ہو گا۔ اسے رادفۃ کہا : پیچھے آنے والا ۔

اس میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے موت کی ہولناکیوں کا تصور یاد کرایا ہے۔

اس میں زیادہ سے زیادہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پڑھنے کی فضیلت اور تاکید ہے۔ اس کے لیے سارے اوقات بھی وقف کر دینا جائز ہے۔ یعنی فرائض و سنن موکدہ کے بعد باقی وقت درود پڑھنے پر صرف کیا جا سکتا ہے۔

٭٭

قرآن پاک زندگی گزارنے کے لیے ایک لائحہ عمل ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی قرآن پاک کی عملی تشریح ہے۔ قرآن اور حدیث دین اسلام کی بنیاد ہیں اور یہ دونوں ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم کی حےثیت رکھتے ہیں۔ قرآن مجید دین کا اصل ہے اور حدیث شریف اس کی تشریح ہے۔

پوری امت مسلمہ اس پر متفق ہے کہ حدیث کے بغیر اسلامی زندگی نامکمل اور ادھوری ہے، اس لیے ان دونوں کو دین میں حجت اور دلیل قرار دیا گیا۔ اسلام اور قرآن کو سمجھنے کے لیے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کا مطالعہ کرنا اور ان کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔

کتب احادیث میں صحاح ستہ یعنی صحےح بخاری، صحیح مسلم، سنن ابو دائود، سنن نسائی، جامع ترمذی اور موطا مالک کو جو مقام حاصل ہے، وہ کسی سے مخفی نہیں۔

ہم جو احادیث شائع کررہے ہیں، وہ ہم نے ان ہی چھ مستند کتابوں سے لی ہیں۔

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کے علاوہ ہم اس سلسلے میں صحابہ کرام۶ اور بزرگان دین کے سبق آموز واقعات بھی شائع کریں گے۔

**********

اس تحریر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں