دین کی سمجھ

کرن کرن روشنی 0

حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’جس شخص کے ساتھ اللہ بھلائی کا ارادہ کرتا ہے ، اس کو دین کی سمجھ عطا فرما دیتا ہے ۔‘‘ بخاری و مسلم

فائدہ :

دین کی سمجھ (فقاہت) سے مراد قرآن و حدیث کا فہم ، دین کے احکام و مسائل کا علم اور حلال و حرام کی تمیز ہے۔ وہ فقاہت مراد نہیں ہے جسے آج کل عام طور پر سمجھایاجاتا ہے کہ ائمہ کے اقوال اور ان پر مبنی استنباطات و استخراجات کو سمجھنا فقاہت ہے اور مدونہ کتب فقہ کے ماہر ہی کو فقیہ باور کیا اور کرایا جاتا ہے اور ستم ظریفی کی انتہا ہے کہ اسی نقطہ نظر کے مطابق ایسے لوگ محدثین کو بھی (نعوذ باللہ) فقاہت سے عاری سمجھتے اور انہیں صرف عطار قرار دیتے ہیں۔ حالانکہ اصل فقیہ یہی لوگ ہیں۔ انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں زندگی کے تمام مسائل پر مجموعے مرتب کیے اور الگ الگ ابواب و فصول کے مطابق احادیث رسول درج کیں ، تاہم اپنی رائے سے اجتناب کیا جو غایت درجہ تقویٰ اور احتیاط کی بات ہے۔ لیکن لوگوں نے اسی احتیاط و تقویٰ کی وجہ سے انہیں فقہا کی فہرست ہی سے خارج کر دیا اور فقہا صرف انہیں قرار دیا جو قرآن و حدیث کی تصریحات سے صرف نظر کر کے صرف اقوال ائمہ اور ان پر مبنی تفریع در تفریع مسائل کا علم رکھتے ہوں۔

رشک کے قابل

حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’رشک کے قابل صرف دو آدمی ہیں۔ ایک وہ آدمی جس کو اللہ نے مال دیا ، پھر اسے حق (کی راہ) میں خرچ کرنے کی توفیق بھی دی۔ اور دوسرا وہ آدمی جس کو اللہ نے دانائی سے نوازا ، چنانچہ وہ اس کے ساتھ (لوگوں کے معاملات کے) فیصلے کرتا اور دوسروں کو بھی سکھاتا ہے۔ ‘‘ (بخاری و مسلم)

حسد سے مراد رشک ہے اور وہ یہ ہے کہ آدمی اس جیسی چیز کی آرزو کرے (جب کہ حسد میں یہ جذبہ کار فرما ہوتا ہے کہ فلاں کو جو فلاں نعمت حاصل ہے ، وہ اس سے محروم ہو جائے۔ )

فوائد و مسائل :

۔رشک کا مطلب حسد کرناا نہیں ہے جیسا کہ خود امام نووی رحمتہ اللہ نے بھی وضاحت فرمائی ہے۔

۔حسد کرنا ممنوع اور حرام ہے ، کیونکہ اس میں حاسد کی یہ آرزوہوتی ہے کہ فلاں شخص کوجو نعمت حاصل ہے ، وہ چھن جائے۔ رشک کرنا جائز ہے اور اس کا مطلب یہ ہے کہ جب انسان یہ دیکھے کہ فلاں پر اللہ کا انعام و اکرام ہو رہا ہے تویہ آرزو کرے : کاش! مجھے بھی اللہ کی طرف سے یہ نعمتیں حاصل ہوں۔ وہ حاسد کی طرح جلے کڑھے نہیں بلکہ خوش ہو کر اللہ سے دعا کرے۔

۔حکمت سے مراد قرآن و حدیث کا علم ہے کیونکہ یہی انسان کے لیے نافع ہے اور اس کے ذریعے ہی سے لوگوں کے درمیان صحیح فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔ اس میں مال کے ساتھ علم نافع کے حاصل کرنے کی بھی ترغیب ہے۔

ہدایت قبول کرنا

حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’اس ہدایت اور علم کی مثال جس کے ساتھ اللہ نے مجھے بھیجا ، اس بارش کی مانند ہے جو کسی زمین پر برسی۔ چنانچہ اس (زمین)کا ایک حصہ عمدہ تھا۔ اس نے پانی کو اپنے اندر جذب کیا اور گھاس اور کثیر مقدار میں دیگر جڑی بوٹیاں اگائیں اور اس کا ایک حصہ سخت تھا (جوپانی کو فوری طور پر جذب نہیں کرتا) اس نے پانی کو اکٹھا کر لیا۔ تو اس کے ذریعے سے اللہ نے لوگوں کو نفع دیا۔ انہوں نے خود بھی پیا ، جانوروں کو بھی پلایا اور کھیتوں کو بھی سیراب کیا اور وہ بارش زمین کے ایک اور حصے کو بھی پہنچی جو چٹیل تھا (ایسا ہموار اور صاف جہاں پانی ہی نہ ٹھہرے)جس نے پانی اکٹھا کیا نہ کوئی گھاس اگائی۔ چنانچہ یہی مثال اس شخص کی ہے جس نے دین میں سمجھ حاصل کی اور اس ہدایت سے اللہ نے اسے نفع پہنچایا جس کے ساتھ اللہ نے مجھے بھیجا ۔ پس اس نے خود بھی علم حاصل کیا اور دوسروں کو بھی سکھلایا اور اس شخص کی مثال جس نے اس کی طرف سر اٹھا کر بھی نہ دیکھا (اعراض و گر یز کیا ) اور نہ اللہ کی اس ہدایت کو قبول کیا جس کے ساتھ اللہ نے مجھے رسول بنا کر بھیجا۔ (بخاری و مسلم)

فوائد و مسائل :

۔اس سے معلوم ہوا کہ علم کے اعتبار سے لوگوں کی تین قسمیں ہیں ایک وہ لوگ ہیں جو قرآن و حدیث کا علم حاصل کرتے ہیں اور اس پر عمل کرنے اور دوسروں کو بھی اس کی تعلیم دینے کے علاوہ اس علم سے مزید استنباط واستخراج کر کے قرآن و حدیث کے فیض کو زیادہ سے زیادہ عام کرتے ہیں، یہ سب سے بہتر لوگ ہیں۔

۔دوسرے وہ لوگ ہیں جو علم تو حاصل کرتے ہیں لیکن اس سے استنباط و استخراج کی استعداد نہیں رکھتے ، اس علم سے اگرچہ ان کو خود بھی اور دوسروں کو بھی فائدہ پہنچتا ہے ، تاہم ان کا فیض پہلی قسم کی بہ نسبت کم ہے۔ اس اعتبار سے یہ دونوں قسمیں محمودہیں ۔ (جیسا کہ مثال کا بھی مقصود ہے)

۔تیسرے وہ لوگ ہیں جو قرآن و حدیث کے علم سے اعراض و گریز کا راستہ اپناتے ہیں، نہ خود اسے سنتے اور پڑھتے ہیں جس سے انہیں فائدہ ہو اور نہ اسے سیکھ کر دوسروں تک پہنچاتے ہیں کہ وہ فائدہ اٹھا سکیں۔ یہ لوگوں کی بد ترین قسم ہے۔ ہر مسلمان کو کوشش کرنی چاہیے کہ اس کا شمار پہلی دو قسموں میں سے کسی ایک قسم میں ہو۔

سرخ اونٹوں سے بہتر

حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے فرمایا۔

’’اللہ کی قسم ! تیرے ذریعے سے کسی ایک آدمی کو اللہ تعالیٰ کاہدایت دے دیناتیرے لیے سرخ اونٹوں سے بھی بہتر ہے ۔‘‘ بخاری و مسلم

فائدہ :

’’سرخ اونٹوں سے بہتر ہے ‘‘یہ ایک تمثیل ہے ، ہر بہتر چیز کے لیے۔ سرخ اونٹ عرب میں بہت بیش قیمت ہوتا تھا۔ اس میں دعوت الی اللہ کی فضیلت اور لوگوں کو ہدایت کی طرف بلانے کی ترغیب ہے۔ تاہم اس کے لیے پہلے ضروری ہے کہ انسان خود بھی ہدایت کے راستے سے آگاہ اور واقف ہو ، اس لیے قرآن و حدیث کا علم حاصل کرنانہایت ضروری ہے کہ اس کے بغیر ہدایت و رہنمائی کا فریضہ انجام ہی نہیں دیاجا سکتا۔

احکام پہنچانا

حضرت عبداللہ بن عمروبن عاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’میری طرف سے لوگوں کو (احکام الٰہی ) پہنچا دو اگرچہ ایک آیت ہی ہو اور بنی اسرائیل سے بیان کرو، اس میں کوئی حرج نہیں۔ اورجو مجھ پر جان بوجھ کر جھوٹ بولے ، وہ اپناٹھکانا جہنم میں بنالے۔ (بخاری)

فوائد و مسائل :

۔اس میں ایک توقرآن و حدیث کا علم حاصل کرنے اور پھر اسے آگے پھیلانے کی تاکید ہے جس کو تھوڑایا زیادہ جتنا بھی علم ہو ، وہ اس کی تبلیغ ضرور کرے اور لوگوں تک احکام الٰہی پہنچائے۔ یہ نہ سمجھا جائے کہ تبلیغ و دعوت تو صرف علمائ اور سند یافتہ لوگوں ہی کا کام ہے ، بلکہ ہر شخص اپنے علم کی حد تک اس کامکلف ہے ، حتی کہ کسی کو کسی ایک آیت ہی کا علم ہے ،یعنی کسی ایک حکم الٰہی ہی سے وہ آگاہ ہے تواس کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو بھی اس سے آگاہ کرے۔

۔اس میں بنو اسرائیل سے بیان کرنے کی جو اجازت ہے ، اس سے مراد صرف بعض وہ واقعات اور قصے ہیں جو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بیان فرمائے ہیں اور وہ صحیح احادیث میں موجود ہیں۔ اس کا مقصد ہر قسم کی اسرائیلی روایات بیان کرنے کی عام اجازت دینا نہیں ہے ، جیسا کہ عام طور پر اس سے یہ مفہوم اخذ کیا جاتا ہے۔

۔نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف جھوٹی بات منسوب کرنے پر سخت وعید ہے ، جس کا تقاضا یہ ہے کہ احادیث کی تحقیق اور چھان پھٹک نہایت ضروری ہے۔ اور جو حدیث بے سند ہو یا اس کے سلسلہ سند میں کاذب راوی ہوں ، یعنی شدید صعف کی حامل ہو تو ایسی روایت کو حدیث رسول کے طور پر پیش کرنا سخت جرم ہے۔ ضعیف روایات کے مختلف درجے ہیں ، لیکن ان درجات کا علم اسمائے رجال اور اصول حدیث پر گہری اور وسیع نظر کے بغیر ممکن نہیں اور ایسے اصحاب علم جو علوم حدیث پر ماہرانہ نظر رکھتے ہوں بہت ہی قلیل ہوتے ہیں۔ اس لیے عام علمائ کے لیے زیادہ بہتر اور محتاط راستہ یہی ہے کہ وہ ضعیف حدیث بیان کرنے سے گریز کریں ، چاہے ضعیف شدید ہو یا خفیف۔

نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف ایسی بات منسوب نہ کی جائے جس کی نسبت آپ کی طرف مشکوک ہو ، اسی لیے ضعیف احادیث بھی بیان نہیں کرنی چاہئیں۔

جنت کا راستہ

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’جو شخص علم (دین)کی تلاش کے لیے کسی راستے پر چلے تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت کا راستہ آسان فرما دیتا ہے۔‘‘ مسلم

فائدہ :علم سے مراد ، دین ، یعنی قرآن و حدیث کا صحیح علم ہے جو فقہی تعصب کی عینک کے بغیر حاصل کیا جائے۔

ہدایت کی طرف بلانے والا

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ ہی سے روایت ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’جو شخٰص ہدایت کی طرف بلائے گا، اس کو ان تمام لوگوں کے برابر اجر ملے گا جو اس ہدایت کی پیروی کریں گے اور یہ پیروی کرنے والوں کے اجر میں کوئی کمی نہیں کرے گا۔ ‘‘ مسلم

فوائد و مسائل :

۔اس حدیث کا اگلا حصہ یہ ہے۔ ’’جو گمراہی کی دعوت دے گا تو اس کو ان تمام لوگوں کے گناہوں کے برابر گناہ ہو گا جو اس گمراہی کی پیروی کریں گے اور یہ ان گمراہی کی پیروی کرنے والوں کے گناہوں میں کوئی کمی نہیں کرے گا۔ ‘‘

اس میں خیر کی دعوت دینے والوں کے لیے بڑی خوش خبری اور شر کی دعوت دینے والوں کے لیے سخت وعید ہے۔

صدقہ جاریہ

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ ہی سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’جب انسان مر جاتا ہے تو اس کے عمل کا سلسلہ ختم ہو جاتا ہے ، مگر تین چیزوں کا ثواب اسے ملتا رہتا ہے۔ صدقہ جاریہ اور وہ علم جس سے فائدہ اٹھایا جائے اور نیک اولاد جو اس کے لیے دعائے خیر کرتی رہے۔ ‘‘( مسلم )

فائدہ:

’’عمل کا سلسلہ ختم ہو جاتا ہے ‘‘ کا مطلب ہے کہ اس پر اجر و ثواب ملنا بند ہو جاتا ہے ، تاہم تین عمل ایسے ہیں کہ موت کے بعد بھی ان کا ثواب میت کو پہنچتا رہتا ہے۔صدقہ جاریہ ، جیسے مرنے والا مسجد و مدرسہ ، ہسپتال اور سرائے وغیرہ بنا جائے تو جب تک لوگ ان سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے ، میت کو ثواب پہنچتا رہے گا۔

علم ، جس سے فائدہ اٹھایاجائے، کا مطلب ہے دوستوں کو علم سکھانا، یا تالیفات و تصنیفات کے ذریعے سے علم پھیلانا۔ جب تک اس کا سلسلہ تلمذ قائم اورکتابیں محفوظ و موجود رہیں گی اور لوگ ان سے برابر فائدہ اٹھاتے رہیں گے تو ان کا اجر بھی استاد یا مصنف کتاب کو ملتا رہے گا۔

اولاد کی نیک تربیت بڑی ضروری ہے تاکہ وہ مرنے کے بعد صحیح طریقے سے اپنے والدین کے حق میں دعائے خیر کرتی رہے کیونکہ اولاد کی دعا والدین کے حق میں مفید ہے۔

دنیا اور اس کا سامان

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ ہی سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا۔

’’دنیا ملعون ہے اور جو کچھ سامان اس میں ہے وہ بھی ملعون ہے ، سوائے اللہ تعالیٰ کے ذکر اور اس کے متعلقات کے اور عالم یا متعلم کے۔ ‘‘

(اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے :یہ حدیث حسن ہے۔ )

فوائد و مسائل :

۔اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ واقعی دنیا اور اس کا سازوسامان ملعون ہے بلکہ دنیا کا وہ مال و متاع ملعون ہے جو انسان کو اللہ کی یاد سے غافل کر دے۔ یا اس کے لیے ملعون ہے جس کو دنیا میں اللہ یاد ہی نہ آئے۔

۔اسے کتاب العلم میں اس لیے بیان کیا ہے کہ علم دین کا حاصل کرنا نہایت ضروری ہے تاکہ انسان کو علم ہو کہ فلاں بات یا کام اللہ کی رضا کا اور فلاں اس کی ناراضی کا باعث ہے اسی لیے اس میں عالم اور متعلم کو مستثنیٰ کر دیا گیا ہے۔

علم کے لیے نکلنے والا

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’جو شخص علم کی جستجو میں نکلتا ہے تو وہ لوٹنے تک اللہ کی راہ میں (شمار) ہو گا۔‘‘

(اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے :یہ حدیث حسن ہے۔ )

مومن کی منزل

حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’مومن بھلائی سے ہرگز سیر نہیں ہوتا ، یہاں تک کہ وہ اپنی آخری منزل جنت میں پہنچ جاتا ہے۔ ‘‘

(اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے:یہ حدیث حسن ہے۔ )

عالم کی فضیلت

حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’عابد پر عالم کی فضیلت ایسے ہی ہے جیسے میری فضیلت تمہارے ایک ادنی آدمی پر۔‘‘

پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’بے شک اللہ تعالیٰ اس کے فرشتے اور آسمان و زمین کی مخلوق ، حتیٰ کہ چیونٹی اپنے بل میں اور مچھلی تک (پانی میں) لوگوں کو بھلائی سکھلانے والوں پر (اپنے اپنے انداز میں )رحمت بھیجتے اور دعائیں کرتے ہیں۔‘‘

(اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے:یہ حدیث حسن ہے۔ )

فوائد و مسائل :

۔عالم سے مراد قرآن و حدیث کا عالم ہے جو فرائض و سنن کی پابندی کے ساتھ تعلیم و تعلم میں مصروف رہتا ہے اور عابد سے مراد وہ شخص ہے جو اپنا زیادہ وقت عبادت الٰہی میں گزارتا ہے۔ اس کے نوافل اور کثرت ذکر کا فائدہ چونکہ اس کی اپنی ذات تک محدود رہتا ہے ، جب کہ عالم کے علم کا فیض دوسروں لوگوں تک بھی پہنچتا ہے ، اس لیے وہ عابد پر بہت زیادہ فضیلت رکھتا ہے۔

۔صلاۃ کی نسبت اللہ کی طرف ہو تو معنی ہوتے ہیں:رحمت بھیجنا ، فرشتوں کی طرف ہو تو معنی ہیں :مغفرت کی دعا کرنا اور دوسری مخلوق ، انسان و حیوان کی طرف ہو تو معنی ہیں:دعاو التجا کرنا۔ گویا معلم خیر پر اللہ تعالیٰ رحمت بھیجتا ہے ، فرشتے اس کے لیے مغفرت طلب کرتے ہیں اور دوسری مخلوق اس کے حق میں خیر کی دعائیں کرتی ہے۔

اس میں عالم کی فضیلت اور علمائ کی توقیر و تکریم کا بیان ہے۔

دین کا علم

حضرت ابو دردائ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا۔

’’جو شخص ایسے راستے پر چلے جس میں وہ (دین کا)علم تلاش کرے تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت کا راستہ آسان کر دیتا ہے اور فرشتے طالب علم کے لیے ، اس کے اس عمل سے خوش ہو کر ، اپنے پر رکھ دیتے ہیں اور عالم کے لیے آسمان و زمین کی ہر مخلوق ، حتی کہ مچھلیاں پانی میں مغفرت کی دعا کرتی ہیں اور عالم کی فضیلت عابد پر ایسے ہے ، جیسے چاند کو سارے ستاروں پر فضیلت حاصل ہے اور علما انبیائ کے وارث ہیں اور انبیائ نے اپنے ورثے میں دینار اور درہم نہیں چھوڑے ، وہ تو (دین کا) علم ہی ورثے میں چھوڑ کر جاتے ہیں۔ چنانچہ جس نے وہ علم حاصل کیا ، اس نے (شرف و فضل کا)ایک بڑا حصہ حاصل کر لیا۔‘‘

(اسے ابودائود اور ترمذی نے روایت کیا ہے۔)

فائدہ:

اس میں بھی علم دین حاصل کرنے کی فضیلت اور علمائ کے شرف و احترام کا بیان ہے۔ فرشتوں کے رکھ دینے کا مطلب ہے کہ وہ اپنے پروں کو بند کر کے بیٹھ جاتے ہیں ، جیسے علم و ذکر کی دوسری محفلوں کو وہ گھیر لیتے ہیں۔

فطرت کی طرف رہنمائی

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ۔ کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس، جس رات آپ کو معراج عطا کی گئی ، شراب اور دودھ کے دو پیالے لائے گئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان دونوں کی طرف دیکھا اور دودھ (والا پیالہ) پکڑ لیا۔ جبرئیل علیہ اسلام نے کہا :تمام تعریفیں اس اللہ کے لیے ہیں جس نے آپ کی رہنمائی فطرت کی طرف فرمائی۔ اگر آپ شراب (والا پیالہ) لے لیتے تو آپ کی امت گمراہ ہو جاتی۔ (مسلم)

فوائد و مسائل :

۔اسلام دین فطرت ہے جسے ہروہ نفس قبول کر لیتا ہے جو فطرت سلیمہ پر قائم اور اس کا فہم صحیح ہو۔

۔اللہ تعالیٰ جس کو خیر اور فضل کی توفیق دے ، اسے اللہ تعالیٰ کی حمد کرنی چاہیے۔

۔شراب تمام خرابیوں کی جڑ ہے ، اسی لیے اسے ام الخبائث کہا جاتا ہے۔

٭٭

قرآن پاک زندگی گزارنے کے لیے ایک لائحہ عمل ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی قرآن پاک کی عملی تشریح ہے۔ قرآن اور حدیث دین اسلام کی بنیاد ہیں اور یہ دونوں ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم کی حےثیت رکھتے ہیں۔ قرآن مجید دین کا اصل ہے اور حدیث شریف اس کی تشریح ہے۔

پوری امت مسلمہ اس پر متفق ہے کہ حدیث کے بغیر اسلامی زندگی نامکمل اور ادھوری ہے، اس لیے ان دونوں کو دین میں حجت اور دلیل قرار دیا گیا۔ اسلام اور قرآن کو سمجھنے کے لیے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کا مطالعہ کرنا اور ان کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔

کتب احادیث میں صحاح ستہ یعنی صحےح بخاری، صحیح مسلم، سنن ابو دائود، سنن نسائی، جامع ترمذی اور موطا مالک کو جو مقام حاصل ہے، وہ کسی سے مخفی نہیں۔

ہم جو احادیث شائع کررہے ہیں، وہ ہم نے ان ہی چھ مستند کتابوں سے لی ہیں۔

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کے علاوہ ہم اس سلسلے میں صحابہ کرام اور بزرگان دین کے سبق آموز واقعات بھی شائع کریں گے۔

**********

اس تحریر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں