قیافہ شناسی کا بیان

کرن کرن روشنی 0

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے ، انہوں نے کہا۔’’ ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میرے پاس بہت خوش خوش تشریف لائے اور آپ فرما رہے تھے۔ ‘‘

’’عائشہ ! تمہیں نہیں معلوم کہ آج مجززمد لجی میرے پاس آیا تو اس نے اسامہ اور زید (رضی اللہ عنہ)کو دیکھا کہ وہ چادر اوڑھے (لیٹے)ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنے سر چھپا رکھے تھے اور ان کے پائوں نظر آ رہے تھے تواس (مجزز)نے کہا۔ ’’یہ پائوں ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔ ‘‘

فوائد و مسائل :

(۱)قیافہ شناس انہیں کہتے ہیں جو چہرے مہرے اور ظاہری جسمانی کیفیات سے بعض چیزوں کا اندازہ لگا لیتے ہیںخاص طور پر دو افراد کے درمیان نسبی تعلق کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔ موجودہ دور میں چور کی تلاش میں پائوں کے نشان سے مدد لے کر مشکوک آدمی کو پہچان لینے والے کھوجی بھی ان ہی میں شامل ہیں۔

(۲)جاہلیت میں جب کسی بچے کے بارے میں اختلاف ہو جاتا تھا کہ یہ کس مرد کا ہے تو قیافہ شناسوں سے فیصلہ کرایا جاتا تھا۔ اس حدیث سے دلیل لی گئی ہے کہ اب بھی بعض معاملات میں ان سے مدد لی جا سکتی ہے۔

(۳)اب اس قسم کا معاملہ اس انداز سے صرف اس صورت میں حل کیا جا سکتا ہے جب کسی غیر مسلم یا بدکار عورت سے ایک سے زیادہ مردوں نے تعلق قائم کیا ہو اور اس کے نتیجے میں بچہ پیدا ہو جائے، اس کے بعد وہ سب مسلمان ہو جائیں یا توبہ کر کے پاک دامنی کی زندگی گزارنا شروع کر دیں تو ان کا فیصلہ قیافہ یا قرعہ سے کیا جا سکتا ہے۔ عام حالات میں زانی سے نسب کا تعلق ثابت نہیں ہوتا۔ ارشاد نبوی ؐہے۔ ’’بچہ بستر والے کا ہے اور زانی کے لیے پتھر ہیں۔ ‘‘ (سنن ابن ماجہ ، حدیث ۲۰۰۶) یعنی بچے کی نسبت عورت کے خاوند کی طرف کی جائے گی وہ اس کا قانونی والد ہو گا۔ وراثت وغیرہ کا تعلق اس قانونی والد سے ہو گا ، ناجائز تعلق والے اس شخص سے نہیں جس سے اصل میں بچہ پیدا ہوا ہے۔

(۴)حضرت زید ۶ جنہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا بیٹا بنا لیا تھا، ان کا رنگ گورا تھا، ان کے بیٹے اسامہ ۶ کا رنگ سانولا تھا اس پر بعض منافقوں نے نا مناسب باتیں کیں۔ جب قیافہ شناس نے کہا کہ ان دو افرادکا آپس میں نسبی تعلق ہے ، یعنی وہ باپ بیٹا ہیں تو منافقوں کا پروپیگنڈا دم توڑ گیا ، اس لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بہت خوشی ہوئی۔

(۵)مجززمدلجی نے اپنے فن میں مہارت کا اظہار کرنے کے لیے یہ بات کہی تھی کہ اگرچہ یہ دونوں شخص بظاہر مختلف رنگ ہونے کی وجہ سے ایک دوسرے سے اجنبی محسوس ہوتے ہیں لیکن میں اپنے تجربے کی روشنی میں کہتا ہوں کہ یہ باپ بیٹا ہیں۔

نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو اس سے خوشی ہوئی کہ اب تو ایسی گواہی مل گئی ہے جس کو یہ لوگ بھی تسلیم کرتے ہیں، اس طرح اس صحابی سے وہ طعن دور ہو گیاجس کے ذریعے وہ مسلمانوں کو پریشان کرتے تھے۔

مشابہت

حضرت عبداللہ بن عباس ۶ سے روایت ہے کہ قریش ایک کاہن عورت کے پاس گئے اور اسے کہا۔

’’ہمیں یہ بتا کہ مقام ابراہیم پر جس شخص کا نشان ہے ، ہم میں سے کس کا نشان قدم اس سے زیادہ ملتا ہے ؟‘‘

اس نے کہا۔ ’’اگر تم ہموار ریتیلی زمین پر ایک چادر کھینچ کر (اسے بالکل ہموار کر دو، پھر) اس (ریت) پر چلو تو میں تمہارے سوال کا جواب دوں گی۔‘‘

انہوں نے چادر کھینچی ، پھر لوگ اس (ہموار ریت) پر چلے۔ اس عورت نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قدم مبارک کے نشان کو دیکھ کر کہا۔

’’یہ صاحب اس (ابراہیم علیہ السلام )سے سب سے زیادہ مشابہت رکھتے ہیں۔‘‘

اس کے بعد تقریباً بیس سال یا (کم و بیش)جتنا اللہ نے چاہا ، اتنا عرصہ گزرا، پھر اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو (نبوت عطا فرما کر)مبعوث فرما دیا۔

بچے کو ماں باپ میں سے جس کے

پاس چاہے ، رہنے کا اختیار دینا

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک بچے کو اس کے والد اور والدہ کے درمیان انتخاب کا موقع دیا اور فرمایا۔

’’لڑکے ! یہ تیری والدہ ہے اور یہ تیرا والد ہے (توجس کے ساتھ چاہے چلا جا)۔‘‘

حضرت عبدالحمید بن سلمہ ۶ اپنے والد سے اور وہ ان کے دادا سے روایت کرتے ہیں کہ ان کے والدین نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں مقدمہ پیش کیا ، ان میں سے ایک کافر تھا اور ایک مسلمان تھا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بچے کو اختیار دیا وہ کافر کی طرف مائل ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’اے اللہ ! اسے ہدایت دے ۔‘‘ تو وہ مسلمان کی طرف مائل ہو گیا ، چنانچہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس (مسلمان) کے حق میں فیصلہ دے دیا۔

فوائد و مسائل :

(۱)مرد اور عورت میں سے اگر ایک مسلمان ہو جائے اور دوسرا کفر پر اصرار کرے تو ان کے درمیان جدائی ہو جاتی ہے اور عورت کو حق حاصل ہو جاتا ہے کہ عدت گزار کر دوسرے مرد سے نکاح کر لے۔

(۲)اگر عورت دوسری جگہ نکاح کرنے کے بجائے خاوند کے مسلمان ہونے کا انتظار کرے تو جب وہ مسلمان ہو گا ان دونوں کے لیے دوبارہ ازدواجی تعلق قائم کرنا جائز ہو گا۔

(۳)جب کسی وجہ سے مرد اور عورت میں جدائی ہو جائے ، یعنی طلاق ہو یا نکاح ٹوٹ جائے تو بچے کو اختیار دیا جائے ، وہ جس کے ساتھ چاہے رہے۔ یا قاضی معاملات کو دیکھ کر فیصلہ کرے کہ بچے کا فائدہ کس کے ساتھ رہنے میں ہے ، اس کے مطابق فیصلہ دے دے۔

صلح کا بیان

حضرت عمرو بن عوف انصاری ۶ سے روایت ہے ، انہوں نے فرمایا۔ ’’میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ، آپ فرما رہے تھے۔

’’مسلمانوںکے درمیان صلح درست ہے، سوائے اس صلح کے جو کسی حلال کو حرام کرے یا حرام کو حلال کرے۔‘‘

فوائد و مسائل :

(۱)جب دو افراد یا گروہوں میں اختلاف ہو جائے تو اختلاف شدید نہ ہونے دیا جائے بلکہ جلدازجلد صلح کرانے کی کوشش کی جائے۔

(۲)صلح کا یہ مطلب ہے کہ جھگڑا ختم کرنے کے لیے اپنے حق سے کم پر راضی ہو جائے۔ یہ بہت ثواب کا کام ہے۔

(۳)صلح میں ایسی شرط نہیں رکھی جا سکتی جو شریعت کے واضح حکم کے خلاف ہو۔ ایسی شرط رکھنا یا اس پر عمل کرنا حرام ہے۔

نادان پر مالی پابندی لگانا

حضرت انس بن مالک ۶ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں ایک صاحب تھے ، ان کی عقل کمزور تھی اور وہ خرید و فروخت کرتے تھے (تودھوکا کھاجاتے تھے)ان کے گھر والوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا۔

’’اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم! ان پر پابندی لگا دیجیے۔‘‘

نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں طلب فرمایا اور خرید و فروخت سے منع کر دیا۔ انہوں نے کہا۔

’’اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! میں خرید و فروخت سے صبر نہیں کر سکتا۔‘‘

توآپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ ’’جب تو خرید و فروخت کرے تو کہہ دیا کر’’دھوکا نہ کرنا۔‘‘

فوائد و مسائل :

(۱)’’دھوکا نہیں‘‘کا مطلب یہ ہے کہ اگر اس سودے میں تم نے مجھ سے دھوکا کیا تو معلوم ہونے پر میں سودا فسخ کرنے کا حق رکھتا ہوں۔

(۲)انہیں دھوکا اس لیے لگ جاتا تھا کہ ایک بار سر میں شدید زخم آنے کی وجہ سے ان کی عقل متاثر ہو گئی تھی۔

(۳)جس شخص کی عقل درست نہ ہو ، اسے خرید و فروخت سے حکماً روکا جا سکتا ہے اور اس کا سودا کو کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے ، اس کے بعد جو شخص اس سے لین دین کرے گا، وہ خود ذمہ دار ہو گا کیونکہ وارث اس کے لین دین کالعدم قرار دینے کا حق رکھتے ہیں۔

مفلس آدمی کو دیوالیہ قرار دینا

حضرت ابو سعید حذری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ، انہوں نے فرمایا ۔ ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں ایک شخص نے (باغ کے) پھل خریدے جن میں اسے بہت خسارہ ہوا اور وہ بہت مقروض ہو گیا ، چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’اسے صدقہ دو۔‘‘

لوگوں نے اسے صدقہ دیا لیکن اس سے اس کا پورا قرض ادا نہیں ہو سکتا تھا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے قرض خواہوں سے فرمایا۔

’’تمہیں جو کچھ ملتا ہے لے لو ، اس کے سوا تمہیں کچھ نہیں ملے گا۔‘‘

فوائد و مسائل :

(۱)جس شخٰص پر اتنا زیادہ قرض ہو جائے کہ وہ ادا کرنے سے قاصر ہو تو صدقات سے اس کی مدد کرنی چاہیے۔ ایسے شخص کو زکوٰۃ بھی دی جا سکتی ہے۔

(۲)اگر قرض زیادہ ہو اور دوسروں کی امداد سے بھی اتنی رقم جمع نہ ہو کہ قرض ادا ہو سکے تو جتنا کچھ موجود ہو ، وہی قرض خواہوں میں ان کے قرضوں کی نسبت تقسیم کر دیا جائے مثلاً کسی کے پاس کل قرضوں سے نصف رقم ہو تو ہر قرض خواہ کو اس کے قرض سے نصف رقم دے دی جائے۔

(۳)ممکن حد تک وصول ہو جانے کے بعد دیوالیہ سے مزید مطالبہ نہیں کیا جا سکتا۔

حضرت جابر بن عبداللہ ۶ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت معاذ بن جبل ۶ کو قرض خواہوں کے ہاتھ سے چھڑایا ، پھر انہیں یمن میں عامل (گورنر یا زکوٰۃ وصول کرنے کا ذمہ دار) مقرر فرما دیا۔ حضرت معاذ ۶ نے فرمایا۔

’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرا مال دے کر مجھے چھڑایا ، پھر مجھے عامل بنا دیا۔ ‘‘

جسے دیوالیہ کے پاس اپنی چیز جوں کی

توں مل جائے (اس کا کیا حکم ہے؟)

حضرت ابو ہریرہ ۶ سے روایت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’جسے دیوالیہ قرار دیے گئے شخص کے پاس اپنی چیز جوں کی توں مل گئی تو یہ شخص دوسروں کی نسبت اس چیز کا زیادہ حق رکھتا ہے۔‘‘

حضرت ابوہریرہ ۶ سے روایت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’جس شخص نے اپنی کوئی چیز بیچی ، وہ چیز اسے دیوالیہ قرار دیے ہوئے شخص کے پاس بعینہ مل گئی جب کہ اس نے ابھی اس کی قیمت میں سے کچھ بھی وصول نہیں کیا تھا تو وہ اس (بیچنے والے) کی ہے اور اگر اس نے قیمت کا کچھ حصہ وصول کر لیا ہو تو وہ بھی دوسرے قرض خواہوں کے حکم میں ہے۔‘‘

فوائد و مسائل :

(۱)جب کسی شخص پر قرض اتنا زیادہ ہو جائے کہ وہ اسے ادا کرنے سے قاصر ہو تو اسے دیوالیہ قرار دینا صحیح ہے۔

(۲)دیوالیہ کے گھر کا اسباب بیچ کر قرض خواہوں کا قرض واپس کیا جا ئے گا۔

(۳)اگر دیوالیہ کے پاس قرض خواہ کی کوئی چیز موجود ہو تو اس کی دو صورتیں ہیں۔

(1)اگر دیوالیہ نے اس کی قیمت بالکل ادا نہیں کی تو قرض خواہ اپنی چیز وصول کر لے گا اور یوں سمجھا جائے گا کہ یہ چیز بیچی اور خریدی ہی نہیں گئی۔

(2)اگرمقروض نے اس چیز کی کل قیمت یا کچھ قیمت ادا کر دی ہے تو اب یہ مقروض (دیوالیہ) کی ملکیت ہے۔ اسباب قرض خواہوں میںتقسیم کرتے ہوئے اگریہ چیز اس قرض خواہ کے حصے میں آجائے تو بھی ٹھیک ہے ، نہیں تو جس کے حصے میں چلی جائے ، وہ لے لے گا۔ یہ قرض خواہ دوسرے قرض خواہوں سے اس چیز کا زیادہ حق نہیں رکھتا۔

حضرت عمر بن خلدہ زرقی ۷سے روایت ہے اور وہ مدینہ منورہ میں قاضی (جج) تھے۔ انہوں نے فرمایا۔ ’’ہماراایک ساتھی دیوالیہ ہو گیا ۔ ہم اس کے معاملے میں حضرت ابوہریرہ ۶ کی خدمت میں حاضر ہوئے تو انہوں نے فرمایا۔ ’’ایسے ہی شخص کے بارے میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ فیصلہ فرمایا ہے۔

’’جو شخص فوت ہو جائے یا دیوالیہ ہو جائے تو سامان کا مالک اپنے سامان کا زیادہ مستحق ہے ، جب وہ اسے اس کے پاس بعینہ مل جائے۔‘‘

(ابودائود)

گم شدہ اونٹ ، گائے اور بکری کا حکم

حضرت عبداللہ بن شخیر عامری ۶ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’مومن کا گم شدہ جانور (جہنم)کی آگ کا شعلہ ہے۔ ‘‘

(مسنداحمد)

فوائد و مسائل :

(۱)وہ جانور جو اپنے ریوڑ سے الگ ہو کر گم ہو گیا ہو اور معلوم نہ ہو کہ کس کا ہے۔ اس پر قبضہ کرنا جائز نہیں۔

(۲)بے جان چیز (مثلاً رقم وغیرہ) گری پڑی مل جائے تو اسے (لقطہ) کہتے ہیں۔ اس کا بیان اگلے باب میں آ رہا ہے۔

گائے کے لیے حکم

حضرت منذربن جریر ۷ سے روایت ہے انہوں نے فرمایا۔ ’’میں مقام بوازیج پر اپنے والد (حضرت جریر بن عبداللہ بجلی ۶)کے ساتھ تھا کہ گائیں (چراگاہ سے واپس) آئیں۔ انہیں (ریوڑ میں)ایک گائے نظر آئی جو انہیں اجنبی محسوس ہوئی (محسوس ہوا کہ ہماری نہیں)تو انہوں نے فرمایا۔ ‘‘

’’یہ کیسی گائے ہے ؟‘‘

حاضرین نے کہا۔ ’’کسی کی گائے (ہماری) گائیوں کے ساتھ مل کر آ گئی ہے۔‘‘

حضرت جریر ۶ کے حکم سے اس کو ہانک دیا گیا حتیٰ کہ وہ نظروں سے اوجھل ہو گئی ، پھر انہوں نے کہا۔

’’میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے آپ نے فرمایا۔

’’بھٹکے ہوئے (گم شدہ)جانور کو (اپنے ریوڑ میں )وہ جگہ دیتا ہے جو بھٹکا ہوا (گمراہ) ہے۔‘‘

فوائد و مسائل :

(۱)یہ حکم بڑے جانوروں مثلاً اونٹ اور گائے وغیرہ کے بارے میں ہے۔ چھوٹے جانور (بھیڑبکری وغیرہ) کو پکڑ لینا چاہیے تاکہ جنگل میں کوئی بھیڑ یا وغیرہ نہ کھا جائے جیسے اگلی حدیث میں آ رہا ہے۔

(۲)یہ تو بیخ اس شخص کے لیے ہے جو جانور کو اس لیے پکڑتا ہے کہ اس کا اعلان نہ کرے بلکہ قبضہ کر لے ، اگر وہ جانور کے مالک کی تلاش کا ارادہ رکھتا ہے تو کوئی حرج نہیں۔

صحیح مسلم میں یہ حدیث ان الفاظ سے آئی ہے۔

’’جو بھٹکے ہوئے جانور کو جگہ دیتے ہیں وہ گمراہ ہیں جبکہ اس کا اعلان نہ کرے۔‘‘ (صحیح مسلم، اللقطتہ ، باب فی لقطتہ الحاج ، حدیث ۱۷۲۵)

گمشدہ اونٹ

حضرت زید بن خالد جہنی سے روایت ہے ، انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے گم شدہ اونٹ کے بارے میں دریافت کیا گیا تو آپ ناراض ہو گئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے رخسار مبارک (غصے سے)سرخ ہو گئے اور فرمایا۔

’’تجھے اس سے کیا غرض ؟ اس کے پاس جوتے بھی ہیں اور مشک بھی۔ وہ پانی (کے چشموں) پر جائے گا (اور پانی پی لیا کرے گا)اور درختوں کے پتے کھاتا رہے گا حتیٰ کہ اس کا مالک اس تک پہنچ جائے۔ ‘‘

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے گم شدہ بکری کے بارے میں پوچھا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔

’’اسے پکڑ لے ۔ وہ تیری ہے یا تیرے بھائی کی یا بھیڑیے کی۔‘‘

اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے گری پڑی چیز کے بارے میں سوال کیا گیا تو آپ نے فرمایا۔

’’اس کی تھیلی کو اور بندھن کو پہچان لے اور ایک سال تک اس کا اعلان کر ، اگر کوئی اسے پہچان لے (تو بہتر ہے) ورنہ اسے اپنے مال میں ملا لے۔‘‘

فوائد و مسائل :

(۱)گم شدہ اونٹ کو قبضہ میں لینا جائز نہیں کیونکہ وہ اپنی حفاظت اور دیکھ بھال کے لیے کسی کا محتاج نہیں۔

(۲)’’اس کے پاس اس کے جوتے موجود ہیں‘‘ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ بلا خوف و خطر لمبا فاصلہ طے کر سکتا ہے ، اس لیے ممکن ہے کہ خود ہی چل کر اپنے مالک کے پاس پہنچ جائے یا مالک اسے تلاش کرنے میں کامیاب ہو جائے۔

(۳)اس کی مشک اس کے پاس ہے یعنی اس کا معدہ پانی کو ذخیرہ کر لیتا ہے ، جب کبھی کسی چشمے پر پہنچے گا تو پانی سے پیٹ بھرلے گا ، اسے پانی پینے کے لیے مالک کی ضرورت نہیں۔

(۴)بکری اپنی حفاظت نہیں کر سکتی ، اگر تم اسے نہیں پکڑو گے تو کوئی اور پکڑ لے گا ، اگر کسی نے نہ پکڑا تو بھیڑیا کھا جائے گا، اس لیے گم شدہ بکری نظر آجائے تو اسے پکڑ لو تاکہ بھیڑیے سے محفوظ رہے اور ممکن ہے کبھی اس کا مالک آجائے تو اسے دے دی جائے۔

(۵)لقطہ (گری پڑی چیز) سے مراد وہ قیمتی چیز ہے جو مالک سے اس کی غفلت کی وجہ سے کہیں گر جائے مثلاً رقم یا ہاتھ کی گھڑی وغیرہ۔ ایسی معمولی چیز جس کے گم ہو جانے کی پرواہ نہیں کی جاتی، وہ جسے ملے لے سکتا ہے۔

٭٭

قرآن پاک زندگی گزارنے کے لیے ایک لائحہ عمل ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی قرآن پاک کی عملی تشریح ہے۔ قرآن اور حدیث دین اسلام کی بنیاد ہیں اور یہ دونوں ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم کی حےثیت رکھتے ہیں۔ قرآن مجید دین کا اصل ہے اور حدیث شریف اس کی تشریح ہے۔

پوری امت مسلمہ اس پر متفق ہے کہ حدیث کے بغیر اسلامی زندگی نامکمل اور ادھوری ہے، اس لیے ان دونوں کو دین میں حجت اور دلیل قرار دیا گیا۔ اسلام اور قرآن کو سمجھنے کے لیے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کا مطالعہ کرنا اور ان کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔

کتب احادیث میں صحاح ستہ یعنی صحےح بخاری، صحیح مسلم، سنن ابو دائود، سنن نسائی، جامع ترمذی اور موطا مالک کو جو مقام حاصل ہے، وہ کسی سے مخفی نہیں۔

ہم جو احادیث شائع کررہے ہیں، وہ ہم نے ان ہی چھ مستند کتابوں سے لی ہیں۔

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کے علاوہ ہم اس سلسلے میں صحابہ کرام اور بزرگان دین کے سبق آموز واقعات بھی شائع کریں گے۔

**********

اس تحریر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

”قیافہ شناسی کا بیان“ ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں