جو دستِ عشق میں بچھڑے – نسیم سحر قریشی

2

خوشیاں بھی خوش رنگ تتلیوں کی مانند ہوتی ہیں۔ بلند حوصلہ، بلند ہمت۔ لوگ سعی مسلسل کے بعد انہیں پانے میں کامیاب ہو ہی جاتے ہیں۔ مگر اس بھاگ دوڑ میں زندگی کتنا سفر طے کرلیتی ہے اس کا اندازہ خود کو آئینے میں دیکھ کر ہوا۔ ’’خدایا! تیرے اس جہاں میں ایسے لوگ بھی تو ہیں جنہیں بغیر کسی جدوجہد کے ہر چیز میسر آجاتی ہے۔‘‘

سوچتے سوچتے اچانک اسے احساس ہوا کہ وہ ناشکری کا اVہار کر رہی ہے۔ تب بے اختیار کلمۂ شکر اس کے لبوں پر آگیا۔

اپنے کمرے سے باہر نکل کر ابھی وہ عمران کے کمرے میں داخل ہوا چاہتی تھی کہ سمیع بھائی کی آواز پر اس کے قدم رک گئے۔

’’سسٹر! آج کا دن مبارک۔‘‘

ربیعہ نے مڑ کر دیکھا اور ان کی طرف چلی آئی۔

’’آپ کو بھی سمیع بھائی!‘‘

’’نہیں سسٹر! یہ سب تمہاری محبتوں کا صلہ ہے۔ تمہاری کوششیں بار آور ہوئی ہیں۔ تم زیادہ حق دار ہو مبارک بادکی۔‘‘

ربیعہ کی آنکھیں نم ہوگئیں۔ سمیع بھائی نے اس کے سر پر ہاتھ رکھا اور ان کی آنکھیں بھی بھیگ گئیں۔

’’چلنے والے منزل پا ہی لیتے ہیں سسٹر!‘‘

’’آپ ساتھ نہ ہوتے سمیع بھائی تو راہ کی صعوبتیں بہت جلد نیم جاں کر دیتیں۔‘‘

’’سب اللہ کی مہربانی ہے۔ میں کیا چیز ہوں۔‘‘

دونوں باہر آگئے۔

عمران نے لان کو بڑے خوب صورت انداز میں سیٹ کر دیا تھا۔ دونوں نے تنقیدی نظروں سے جائزہ لیا۔ سمیع بھائی، عمران کے دوستوں کی طرف بڑھ گئے اور ربیعہ گیٹ کی طرف چلی آئی۔ جہاں عمران پہلے سے موجود تھا۔

’’کیا بات ہے عمران! پانچ تو بج گئے۔ تمہارے باس ابھی تک آئے ہی نہیں۔‘‘ ربیعہ نے چبھتے ہوئے انداز میں پوچھا۔

’’وہ وقت کے بے حد پابند ہیں۔ پورے پانچ بجے آنے کا کہا تھا انہوں نے۔‘‘ عمران نے سڑک کی طرف دیکھا اور بولا۔

گاڑی گیٹ کے قریب رکی اور عمران جلدی سے ان کے قریب گیا۔ وہ نیچے اترے اور عمران سے ہاتھ ملایا اور باوقار انداز میں چلتے ہوئے گیٹ کی طرف آئے۔

ربیعہ کی نظریں ان پر جمی ہی رہیں۔ جانے کیسی مقناطیسی کشش تھی۔

’’ان سے ملےے مما! یہ میرے سی او جناب فرہاج علی خان اور سر ۔۔۔! یہ میری مما۔۔۔ ربیعہ سرفراز۔‘‘

’’راجو۔۔۔ راجو۔۔۔ راجو۔۔۔‘‘ دل پکارے ہی جارہا تھا۔ دماغ تائید کےے جارہا تھا۔ سامنے راجو ہی تھا۔ اس کا اپنا راج۔

مگر راج نے تو بس رسمی انداز میں اسے مخاطب کیا تھا اور پھر عمران سے مخاطب ہوگیا تھا۔ شاید وہ غلطی پر تھی۔ یہ وہ تو نہ تھا۔ اس کا راجو۔۔۔ اس کا راج۔۔۔ یہ تو فرہاج علی خان تھا۔ ایک بہت بڑا آفیسر۔۔۔ جس کی ماتحتی میں عمران جیسے کئی آفیسر تھے۔

جسم و جان جھٹکوں کی زد میں تھے لیکن خود کو سنبھال کر وہ آگے بڑھ آئی۔ اس سے چند قدم کے فاصلے پر عمران اور فرہاج علی خان ساتھ ساتھ چل رہے تھے۔

سمیع بھائی فرہاج علی خاں کو دیکھ کر ایک پل میں ہی پہچان کے مرحلے سے گزر گئے۔

’’ارے تم۔۔۔ فرہاج علی خان! میرے اپنے راجو۔۔۔ میرے راج!‘‘ وہ فرہاج علی خان کو گلے لگا چکے تھے۔

’’راجو۔۔۔ میرے یار۔۔۔! ایک جگ بیت گیا۔ کہاں تھے تم ہم سے اتنی دور کہ ہم ایک دوسرے کی خبر بھی نہ پاسکے۔‘‘ وہ ایک بار پھر سے اسے گلے لگائے ہوئے تھے۔ فرہاج کی آواز آنسوئوں میں ڈوب گئی۔

’’سمی۔۔۔! میرے لےے وہاں باقی کیا تھا۔ جس کی خاطر تمہاری دنیا میں لوٹ آتا۔ بس خوشیاں ڈھونڈنے ایک اور جہاں میں نکل گیا۔ باہمت تھا نا، باحوصلہ تھا نا ، نئی دنیا دریافت کر ہی لی میں نے۔‘‘ ربیعہ ان سے چند قدم دور کھڑی لرزتے وجود کے ساتھ سمیع اور فرہاج کا ملاپ دیکھتی رہی۔

’’ربیعہ۔۔ ۔ ربیعہ۔۔۔!‘‘ سمیع اس کی طرف لپکے۔

’’ربیعہ! تم نے عمران کے باس کو دیکھا۔ تم نے فرہاج علی خان کو دیکھا؟‘‘ فرہاج علی خان بھی اس کی طرف بڑھ آئے ۔ اس کی حالت غیر ہورہی تھی۔

’’صرف چھبیس سال ہی گزرے ہیں فرہاج علی خان۔ صرف چھبیس سال۔ تم مجھے ملے ہو تو کچھ بھی نہیں ہوا۔ تم نے تو شاید مجھے پہچانا بھی نہیں۔ پہچانتے بھی کیسے۔۔۔ میں، میں نہیں رہی نا۔ سب کچھ ہی مٹ گیا ہے۔ سب کچھ ہی ختم ہوگیا ہے۔ میں نے اپنی امنگیں اور آرزوئیں عمران کے اچھے مستقبل کی بھینٹ چڑھادیں۔ تم سے بچھڑ کر تو سہل موت کا بھی تصور نہ تھا لیکن میں زندہ رہی۔ اپنا آپ مٹا دیا میں نے۔ صرف ایک ذمہ داری کے لےے زندہ رہی۔ صرف ایک کونپل کو پروان چڑھانے میں میری قوت و محنت صرف ہوتی رہی۔‘‘

’’سر! ادھر تشریف رکھےے۔‘‘ عمران نے فرہاج علی خان کو مخاطب کیا تو فرہاج نے اسے اپنے بازو سے تھام کر اپنے قریب کرتے ہوئے گلے لگالیا۔

’’عمران بیٹے! ہم تو تمہارے بہت کچھ لگتے ہیں۔ کیوں سمّی؟‘‘ ربیعہ نے دیکھا۔ راج کی آنکھیں جھلملا رہی تھیں اور عمران تصدیق طلب نظروں سے سمیع کو دیکھ رہا تھا۔

’’ہاں بیٹے! ماضی بچھڑ جاتا ہے، رشتے نہیں ٹوٹ سکتے۔‘‘ ربیعہ کی اضطرابی کیفیت میں اضافہ ہونے لگا۔ وہ وہاں سے ہٹ گئی۔ اپنے کمرے میں آگئی اور بیڈ پر کسی بے جان چیز کی طرح ڈھ گئی۔ بڑی مشکل زندگی سے نبرد آزما رہی تھی۔ لیکن زندگی میں آج سے پہلے کوئی مشکل گھڑی شاید آئی ہی نہ تھی۔

’’تم یہاں کیوں آگئے راج؟ میں نے تو مدّت ہوئی اپنی تنہائیوں اور بدنصیبیوں سے سمجھوتہ کرلیا۔ تم مجھے کیا یاد دلانے آئے ہو۔ دیکھو راج اب میں وہ ڈرپوک سی، کم ہمت سی، بزدل سی ربیعہ تو نہیں ہوں۔ اب تو میں ایک باہمت عورت ہوں۔ عمران کی ماں۔۔۔ ایک جوان بیٹے کی ماں اور اب میں بدنصیب کہاں رہی ہوں۔ نصیبوں کے خزانے مالک نے اس صورت میں مجھے بخش دےے ہیں۔ آج تو سارا زمانہ مجھے مبارک باد دینے آیا ہے اور دینے آئے گا۔ کیا تم بھی میری خوشیوں میں شریک ہونے آئے ہو۔ مگر کیوں آئے ہو فرہاج علی خان کیوں؟ کیا مجھے سفر کی پہلی راہ پر واپس لے جانے کے لےے۔ جب کہ منزل میرے قدموں میں ہے۔

منزل۔۔۔؟

کیا یہی میری منزل تھی؟

نہیں نہیں۔ منزل تو تم تھے راجو۔۔۔! تم۔۔۔ میری محبت کی منزل۔۔۔ مگر قسمت میں تمہارا حصول نہ تھا۔‘‘

’’مما۔۔! مما۔۔۔!‘‘ عمران تیز قدموں سے اس کے کمرے کی طرف آرہا تھا۔ وہ ہڑ بڑا کر اٹھ بیٹھی۔ جلدی سے آنکھیں صاف کیں اور بلا مقصد ہی چادر کی سلوٹیں درست کرنے لگی۔

’’آپ اندر آگئیں اور اُدھر چاروں طرف آپ کے نام کی ڈھنڈیا پڑی ہے اور وہ باس تو آپ کو جانے کتنی بار پوچھ چکے ہیں۔‘‘ عمران کے لبوں سے فرہاج کا نام کیا ادا ہوا ربیعہ ڈرکر اس کی طرف بغور دیکھنے لگی۔

’’چلےے نا باہر۔‘‘ عمران نے اسے شانوں سے تھام لیا تو وہ کتنی دیر اس کے چہرے کی طرف تکتی رہی۔

ز ز ز ز

دوسرا دن اس نے رو کر گزارا یا سو کر۔ اس کے بارے میں وہ خود بھی نہ جان سکی۔ عجب خود فراموشی کا عالم تھا۔ تقریب تو نو بجے ختم ہوگئی تھی لیکن وہ رات بھر جاگتی رہی۔ بے مقصد ہی خود کو کام میں الجھائے رکھا۔ کچن میں موجود برتنوں کا ایک بڑا انبار خود ہی دھویا۔ فرش خود ہی صاف کیا ۔ ڈرائنگ روم کی صفائی بھی رات میں ہی مکمل ہوگئی۔ ڈرائنگ روم کی بے ترتیبی بھی ترتیب میں بدل گئی۔ صبح ناشتے پر عمران کو خبر ہی نہ ہوسکی۔ اس نے تو ناشتا کیا اور آفس چل دیا اور وہ اپنے کمرے میں آگئی۔ بہت تھک گئی تھی۔ پوری رات جاگ کر کام جو کرتی رہی تھی۔ ابھی وہ کمرے میں آکر کچھ کرنے کا سوچ ہی رہی تھی کہ عافیہ کا فون آگیا۔

’’ربیعہ! رات تم نے اسے دیکھا؟‘‘

’’ہاں عافی! دیکھا۔‘‘

’’کیسا خوش تھا وہ۔‘‘

’’مجھے خوشی ہوئی اسے خوش دیکھ کر۔‘‘

’’ایک دم بکواس۔ تمہاری زندگی برباد ہوئی۔ اسے خوش رہنے کا حق کہاں سے ہے؟‘‘

’’نہیں عافی! میری زندگی کی بربادی میں اس کا ہاتھ تو نہیں۔ یہ سب میرا مقدر تھا مجھے ملا۔‘‘

’’کیسے نہیں ہے وہ ذمہ دار۔۔۔ محبت کے خواب دکھا سکتا تھا، تازیست رفاقت نہیں دے سکتا تھا۔ لے جاتا تمہیں ساری دنیا سے چرا کر۔ کرلیتا سول میرج۔‘‘

’’اسٹوپڈ۔ جب بھی کہو گی بے تکی بات ہی کہو گی۔‘‘

’’ہاں ہاں۔ اسے کیا مجبوری تھی۔ میں سوچتی ہوں کہ زندگی میں مجبوری نام کی کوئی چیز ہوتی ہی نہیں۔ بے ایمانی کو مجبوری کا نام دے دیا جاتا ہے۔‘‘

’’مانتی ہوں تم پندرہویں صدی کی سب سے بڑی مفکر ہو لیکن تمہارے اصول مجھ پر لاگو نہیں ہوسکتے عافیہ! میں ایک پابند رسم و رواج خاندان کی بیٹی ہوں۔ جس کے قدموں میں عمر بھر مرد کی حاکمیت کی بیڑیاں رہتی ہیں جن سے کسی صورت رہائی ممکن نہیں۔‘‘

عافیہ اس کی دوست تھی۔ شہر کے معروف ڈاکٹر کی بیوی عافیہ تجمل حسین۔ خوش حالی کی آخری حدوں تک خوش حال، خوش باش اور پُرامن زندگی کی مالک۔غم جسے چھو کر بھی نہ گیا تھا۔ پھر بھی غم گساری کی خوبی اس میں ضرور تھی۔ وہ واحد رازداں تھی اس کی۔ دل کے ایوانوں میں جس مورت کو بہت خاموشی اور رازداری کے ساتھ سجا رکھا تھا ربیعہ نے اس کی خبر عافیہ کو دے دی تھی۔ اور رات تقریب میں سمیع بھائی نے جب تجمل اور عافیہ سے فرہاج علی خان کا تعارف فرسٹ کزن کہہ کر کرایا تو عافیہ پل کی پل میں سب کچھ سمجھ گئی۔ رات دونوں میں بات نہ ہوسکی۔ اب عافیہ باتیں کرنے کے موڈ میں تھی اس سے بے خبر کہ وہ اضطراب کی کن کیفیتوں سے نبرد آزما تھی۔ زخموں سے جو کھرنڈ اکھڑ سے گئے تھے انہیں بے خبری میں عافیہ نے بے دردی سے کھرچ ڈالا۔ جانے وہ اس کے سوالوں کے جواب میں کیا کہتی رہی۔ بس رابطہ منقطع ہوتے ہی وہ دنیا جہان سے بے خبر ہوگئی۔

ز ز ز ز

میں نے مسجدوں میں مانگی یہ دعا میں جسے چاہتا ہوں وہ مجھ کو ملے

جو میرا فرض تھا میں نے پورا کیا، اب خدا ہی نہ چاہے تو میں کیا کروں

آج فرہاج علی خان نے بڑے اصرار سے ان سب کو اپنے گھر بلایا تھا۔ سمیع بھائی، عمران، زبیدہ  بھابھی سب ہی نے ان کے اصرار پر دعوت کو خوش دلی سے قبول کیا۔ ان کے گھر جانا سب کے لےے ہی باعثِ مسرت تھا۔ آخر وہ ان کے ماموں زاد تھے۔ کیاہوا جو وقت آگے بڑھ گیا تھا اور ایک شہر میں رہتے ہوئے بھی ایک دوسرے سے انجان تھے۔

وہ نہیں چاہتی تھی اس گھر میںجانا لیکن اسے جانا پڑا۔ کچھ لوگوں کے کہنے پر، کچھ اس دل کے کہنے پر جسے مشکلوں میں ہی دکھ میں ہی، آزمائشوں میں ہی چین ملا کرتا تھا۔ اپنا ظرف آزمانے چلی آئی تھی۔

گیٹ پر اس کا دل اچھل کر حلق میں آگیا۔ سنگِ مر مر کے کتبے پر بڑے خوب صورت الفاظ میں لکھا تھا ’’امید لاج‘‘ سمیع بھائی کی گاڑی اندر داخل ہوئی تو فرہاج لان میں کھڑے ملے۔ آسمانی رنگ کے شلوار سوٹ میں بکھرے بکھرے سے فرہاج بے حد اچھے لگ رہے تھے۔ ان کی نظریں یقینا ربیعہ کو تلاش کر رہی تھیں۔ سب نیچے اتر آئے۔

’’ان سے ملو سمّی! یہ تمہاری بھابھی مسز حمیرا فرہاج علی۔‘‘ ربیعہ کے دل کو جھٹکا سا لگا۔ ا س نے ایک دم حمیرا کی طرف دیکھا۔ جس کے پہلو میں ایک بے تحاشا پیاری سی لڑکی تھی۔

’’کیسی لگی سمّی تمہیں میرے لمحے لمحے کی ہمسفر؟‘‘ فرہاج علی نے بے مقصد قہقہہ لگایا۔

’’اور یہ میری بیٹی ثنا فرہاج۔‘‘ فرہاج علی نے بیٹی کا ہاتھ تھام کر کہا۔ زبیدہ بھابھی نے اسے گلے لگالیا۔ سمیع بھائی نے سر پر ہاتھ رکھا۔ عمران نے رسمی جملے حمیرا اور ثنا کی نذر کےے لیکن ربیعہ کچھ دور خاموش کھڑی رہی پھر خود ہی چونک کر آگے بڑھی۔ بہت مشکل گھڑی تھی۔ اپنے آپ کو سنبھالنا بے حد دشوار تھا۔

فرہاج تعارف کرا رہے تھے۔

’’یہ میری پھپھی زادہوتی ہیں حمیرا! ربیعہ سرفراز۔ عمران کی ممّا۔‘‘

بے حد خوش تھے فرہاج علی خان۔ باری باری سب کے بارے میں بتا رہے تھے انہیں۔ حمیرا ان سب کو لے کر لان چیئرز کی طرف بڑھ گئیں۔ اپریل کے وسط کا خوش گوار موسم لان میں آئی بہار سمیت بھلا لگ رہا تھا۔ پھولوں نے ماحول کو نکھار دے رکھا تھا۔ چاروں طرف خوشبو ہی خوشبو تھی اور ربیعہ کو اس گلشن کی ایک انوکھی منفرد اَدھ کھِلی کلی بے حد پسند آئی تھی۔ جی چاہتا تھا اسے چراکر اپنے آنگن میں لے جائے۔ وہ بار بار ثنااور عمران کی طرف دیکھ رہی تھی جو کہ اِدھر اُدھر کی باتوں میں سب لوگوں کے ساتھ حصہ لے رہے تھے۔ ثنا بہت پیاری لڑکی تھی۔ بے حد سادہ اور معصوم سی بالکل اسی طرح عمران بھی زمانے بھر کے نوجوانوں سے قطعاً مختلف تھا۔ بچپن سے آج تک ماں کی مرضی کے بغیر قدم بھی نہ اٹھا سکا تھا۔

زمانے کے سرد و گرم سے بالکل انجان پڑھائی میں مگن رہا تھا۔ پھر ثنا تو اس قدر پیاری لڑکی تھی۔ دیکھتے ہی دل میں اتار لیا تھا ربیعہ نے اسے۔ عمران کیسے اسے پسند نہیں کرے گا۔ وہ اپنی ہی سوچوں میں کھو گئی۔

ثنا اند چلی گئی تھی۔ فرہاج اور سمیع بھائی باتوں میں مگن تھے۔زبیدہ بھابھی اور حمیرا شناسائی کے مرحلے طے کر رہی تھیں اور وہ خاموش بیٹھی تھی۔ چائے پیتے ہوئے جانے کس دنیا میں کھو گئی۔

’’عازم یار! چائے کی تعریف تو کرو۔ مے خوار مے کے where about سے واقف ہوتا ہے۔ چائے خوار کو چائے کے بارے میں مکمل معلومات ہونی چاہئیں۔‘‘ راج جب بھی آتا چائے پلانا فرض ہوا کرتی تھی۔ عازم بھائی تو تھے پریکٹیکل قسم کے بندے۔ بس ایک محبت کے معاملے میں اونچ نیچ ہوگئی۔ لیکن انہیں شاعرانہ انداز سے کوئی دلچسپی نہ تھی۔ چائے بطور چائے ہی پیتے تھے۔

’’یار! چائے چائے ہے، محبوب نظر تو نہیں جس کے بارے میں مجھے سب خبر ہو۔‘‘ عازم نے جھنجھلا کر کہا۔

’’سخت کو رذوق ہو تم۔ پتا نہیں وکیل کیسے بن گئے۔ یار میرے چائے لب زیر ہو لب سوز۔ دل سوز ہو تب بات بنتی ہے۔‘‘

’’اور تین چمچ چینی بھی اس میں موجود ہو بات تب بنتی ہے۔‘‘ ربیعہ کو سخت چڑ تھی۔ چائے کو شربت بنا کر پیتا تھا راج۔

اس کی بات سن کر وہ ہنس پڑا اور جاتے جاتے سرگوشی کر گیا۔

’’کزن! کچھ مٹھاس محبتیں بھی پیدا کرتی ہیں۔ ادھر سخت کمی ہے محبتوں کی۔ جس دن مل گئیں اس دن چھوڑدوں گا شربت بنا کر چائے پینا۔‘‘

اس وقت فرہاج نے اپنے لےے چائے خود بنائی تھی۔ برائے نام چینی ڈال کر۔

’’ٹھیک ہے فرہاج اب تمہاری زندگی میں محبتوں کی کمی کہاں، ایک مکمل جہاں تمہارا ہے۔‘‘ سمیع بھائی نے بھی اس تبدیلی کو نوٹ کرلیا۔

’’یار! تُو تو سارے کا سارا ہی بدل گیا۔ تجھے تو تین چمچے چینی کے بنا قرار ہی نہ آتا تھا چائے پیتے ہوئے۔‘‘

’’سب کچھ بدل جاتا ہے سمّی! وقت گزرنے پر۔ اب تو سچ پوچھو صرف فرض سمجھ کر ڈال لیا کرتا ہوں کہ لوگ بدذوق نہ کہنے لگیں۔‘‘ وہ نہ چاہتے ہوئے ہنس رہے تھے۔ ربیعہ ان سے بے نیاز اپنی چائے پی رہی تھی۔ ان لفظوں پر غور کرنے کا یارا ہی نہ تھا اور نہ ہی اسے کوئی حق محسوس ہورہا تھا۔

وہ مکمل پرایا تھا۔ ایک دوسری عورت کی ملکیت جو اس کے لمحے لمحے کی ہمسفر تھی۔

شام کے سائے ڈھلنے لگے تھے۔ سب لوگ اندر چلے آئے۔ فرہاج علی خان کے خوب صورت ترین گھر کے خوب صورت ترین ڈرائنگ روم میں جو قیمتی نوادرات سے پُر تھا۔ روشن روشن وسیع کمرے میں ہر چیز سلیقے کی مثال تھی۔

’’کزن! خواب تو ہر شخص دیکھتا ہے نا۔ میں نے بھی کچھ خواب دیکھ رکھے ہیں۔بہت ہی خوب صورت گھر کے، حسین سی کائنات کے۔ جانے کیوں جب بھی میں ایسا کوئی خواب دیکھتا ہوں تم چھم سے اس گھر میں اتر آتی ہو۔ میرے گھر کی سب سے قیمتی شے کی طرح۔ کزن! سچ مچ تم میری کائنات کی سب سے قیمتی شے ہو۔ دیکھنا میرے سب خواب پورے ہوں گے۔‘‘

خواب تو سب پورے ہوگئے فرہاج علی خان! لیکن میں اس گھر میں تمہاری کائنات کی قیمتی شے بن کر نہ آسکی۔

کارنر کے ایک صوفے پر وہ بیٹھ گئی۔ یہاں آکر اس نے بہت بڑی غلطی کی تھی۔ ابھی چند دن ہوئے اضطراب و بے چینی نے بڑی مشکل سے اس کی جان چھوڑی تھی وہ پھر ادھر چلی آئی۔

’’ربیعہ! اپنے آپ کو اتنی کڑی سزائیں نہ دیا کرو۔ ضبط کے امتحان یوں نہ لیا کرو۔‘‘ ربیعہ نے ہونٹ کچلتے ہوئے خود سے التجا کی اور اپنے آپ کو نارمل کرنے کی کوشش کرنے لگی۔

جانے کب چپکے سے ثنا اس کے قریب آن بیٹھی۔

’’آنٹی!‘‘ اس کی نرم و شیریں آواز نے کانوں میں رس سا گھول دیا۔

’’آپ مجھ سے باتیں کریں آنٹی! خاموش کیوں بیٹھی ہیں۔‘‘

یہ لڑکی جو پہلی نظر میں اس کے دل میں اتر گئی تھی کیا اس لےے پیاری لگ رہی تھی کہ وہ خود کسی بیٹی کی ماں نہ تھی یا اس لےے کہ وہ فرہاج علی خان کی بیٹی تھی۔

’’ڈیڈی نے آپ لوگوں کے بارے میں ہمیں اتنا بتایا ہے آنٹی کہ ملنے پر آپ لوگ اجنبی نہیں لگے۔‘‘ اس کا اندازِ گفتگو بالکل سادہ سا تھا۔

’’ہمارا تمہارا بہت قریبی رشتہ ہے بیٹی۔ اجنبیت کا احساس کیسے ہوتا۔‘‘ وہ ابھی بھی کھوئی کھوئی سی تھی۔

’’آنٹی! اب تو آپ یہاں آتی رہا کریں گی نا؟‘‘ اس نے سوال کیا۔

’’ہاں بیٹی! کیوں نہیں۔‘‘

’’بڑے عہدے کا لیبل بھی خاصا نقصان دہ ہوتا ہے۔‘‘ وہ شاکی لگ رہی تھی۔

’’وہ کیسے؟‘‘

’’ڈیڈی کی وجہ سے ہم یہاں کسی فیملی سے گھل مل نہیں سکے نہ ہی کہیں زیادہ آنا جانا ہے۔ پچھلے دنوں جب ہم لندن میں تھے تو وہاں اسمائ پھپھو اور عازم انکل سے ڈیڈی کی دوستی تھی اور بس۔ آنٹی کیا یہ سچ ہے کہ آپ عازم انکل کی سسٹر ہیں؟‘‘

’’ہاں بیٹی! تمہاری اسمائ پھپھو نہ صرف میری بھابھی ہیں بلکہ ماموں زاد بھی ہیں۔‘‘

تب وہ اور بھی خوش ہوئی لیکن پھر ایک دم بجھ سی گئی۔

’’آنٹی! وہ لوگ پاکستان کیوں نہیں آتے آپ کے پاس؟‘‘

جن یادوں کو بری طرح دبا کر دفنا کر وہ یہاں آنے کے قابل ہوئی تھی ثنا کی چھیڑ چھاڑ پر وہ پھر سر اٹھا رہی تھیں۔

عازم قول کے پکّے تھے۔ ایک بار جو تارکِ وطن ہوئے دوبارہ آنے کا نام ہی نہ لیا۔ اس کی آنکھیں بھر آئیں۔

’’یہ سب خاندانی معاملات ہیں میری بچی اور ابھی تم انہیں سمجھنے کے لےے بہت چھوٹی ہو۔‘‘

وہ خاموش ہوگئی۔ خاصی سمجھ دار لگتی تھی۔ پھر خود ہی موضوع بدل دیا۔ اپنی تعلیم کے بارے میں اپنی دوستوں کے بارے میں ، اپنے ڈیڈی سے متعلق باتیں کرتی رہی۔ ہلکی پھلکی، بے ضرر سی باتیں۔ ربیعہ نے اسے اپنے گھر آنے کا کہا۔ پھر کھانے کا وقت بھی ہوگیا۔ سب اٹھ گئے۔ ثنا ربیعہ کو بھی لے آئی۔ کھانے کی میز پر فرہاج علی خان اور سمیع بھائی ہنستے بولتے رہے۔ وہ اسی طرح خاموشی سے کھانا کھاتی رہی۔ فرہاج علی خان کے پہلو میں بیٹھی حمیرا اسے دنیا کی خوش نصیب عورت لگ رہی تھی۔ بار بار بڑی محبت سے ڈشز اس کی طرف بڑھاتی۔ ایک جان دار مسکراہٹ کے ساتھ فرہاج نے تو اس کی طرف ایک بار بھی نظر نہیں کی تھی۔ وہ اسے واقعی فراموش کر چکے تھے۔ اس کا احساس ہوتے ہی یوں لگا کہ دل کٹ کر باہر آجائے گا۔ ساتھ بیٹھے عمران نے اس کی پریشانی بھانپ لی۔

’’خیریت مما!‘‘ اس نے سرگوشی کی۔

’’اوہ نو۔۔۔ کچھ نہیں بیٹے۔‘‘ وہ جلدی جلدی کھانا کھانے لگی۔

ز ز ز ز

لمحے ہاتھ سے نکل جائیں تو پھر عمر بھر ہاتھ نہیں آتے۔ وقت کبھی کبھی غلام بن بھی جاتا ہے۔ لیکن بغاوت کرے تو ایک پل بھی ساتھ دینے کوتیار نہیں ہوتا۔ بہت اونچی عمارت تھی اس گھر کی۔ بہت بڑے بزنس مین تھے، زمیندار تھے اس کے والد۔ لگتا تھا اس کی عمارت جتنی بلند ہوتی جارہی تھی سرفراز احمد کا غرور اور دنیا سے بے نیازی بھی اتنی ہی بڑھتی جارہی تھی۔

جانے کیسے انہوں نے ایک چھوٹے گھر کی لڑکی سے شادی کرلی تھی۔ لیکن شادی کے بعد اس کے خاندان والوں کو برابر کا درجہ نہ دے سکے۔ نہ خاندانیت کی بنا پر اور نہ مالی لحاظ سے۔

چھوٹے گھر کی چھوٹی لڑکی کی ایک خوبی نے انہیں متاثر کیا تھا اور وہ تھی حسن کی بے بہا دولت۔ دور تھی تو کشش تھی۔ پاس آئی تو شاید دل بھر گیا۔ پھر زندگی برائے زندگی گزر ہوتا رہا۔ محبت کب کی تھی انہوں نے۔ مجنوں کب تھے وہ کہ مجنوں کو تو سگِ لیلیٰ بھی عزیز تھا۔ کاروباری آدمی تھے۔ اچھی چیز کو خریدلینا ان کی عادت تھی۔ خرید کا اکثر اسٹور بھر لیا کرتے تھے۔ ربیعہ کی ماں کے لےے یہ کیا کم تھا کہ وہ ایک اونچے گھر کی مالکہ تھیں۔ اس گھر میں علی اکبر، علی اصغر آتے ضرور تھے بہن کے لےے۔ اس بات سے بے خبر کہ سرفراز احمد کو ان کا وجود کانٹے کی طرح کھٹکتا ہے۔

صرف اپنی لاڈلی بہن کی خاطر، اس کے بچوں کی خاطر۔ علی اکبر ایک صوبائی ادارے میں ہیڈ کلرک تھے اور علی اصغر ایک ہائی اسکول کے سینئر انگلش ٹیچر۔ سڑک کے اس پار ایک مشترکہ گھر ان دونوں کا تھا جو خستہ حال نہیں تو عالی شان بھی نہیں تھا۔ ماں کی طرح بچے بھی اس چھوٹے گھر میں بے حد سکون محسوس کرتے تھے۔ کبھی جو سمیع اور عازم ایٹی کیٹس سے بھرپور زندگی سے گھبر اجاتے تو آنکھ بچا کر ماموئوں کے گھر چلے جاتے۔ بڑے ماموں کے دو بچے تھے فرہاج اور اسمائ اور چھوٹے ماموں کی دو بیٹیاں شبانہ اور شاہانہ۔

ماموں باورچی خانے میں چولہے کے پاس بیٹھ کر پراٹھے اور مکھن سے ناشتا کرتے تو عازم اور سمیع بھی ان کے ساتھ مل جاتے۔ مامی کے ہاتھ کے گرما گرم خستہ پراٹھے نہیں بے حد بھاتے۔ فرہاج کے ساتھ مل کر سامنے لگی کیاری کو پانی دینا۔ پھاوڑے سے زمین کھودنا، بیج بونا، کیاریاں بنانا، پھولوں کے پودے لگانا۔ یہ سب ان دونوں کو بے حد بھلا لگتا۔ فرہاج کا چھوٹا سا کمرا جہاں سامانِ تعیش نہ تھا لیکن سکون ضرور تھا انہیں بے حد بھاتا۔ لڈو اور کیرم کی بازیاں خوب بھلی لگتیں۔ کچے صحن میں کرکٹ کھیل کر ہائوہو کرنا اچھا لگتا۔ کبھی بازی ہار جانے پر فرہاج چنے کی دال کا حلوہ چوری کرلاتا۔ سب مل کر کھاتے۔ اس ساری کارروائی کے بعد جب میلے لباس میں وہ واپس جانے لگتے تو سمیع تھر تھر کانپتا۔ فرہاج بار بار گیٹ کی طرف دیکھ آتا۔ اگر سرفراز احمد کی کار نظر نہ آتی تو دونوں بھاگ کر اپنے گھر چلے جاتے۔ اپنے اپنے کمروں میں گھس کر لباس تبدیل کرتے اور ماں کے پاس چلے آتے اور کبھی کبھار جو وہ دیکھ لیتیں تو منہ پھیر کر خوب خو ش ہوتے ہوئے مسکرالیتیں اور پھر خوامخواہ ہی دونوں کو ڈانٹنے لگتیں۔

ایک بار عین اس وقت سرفراز احمد کی گاڑی ان کے قریب آرکی۔ جب وہ فرہاج کے ساتھ اس کے گھر کے دروازے سے نکل رہے تھے۔ سرفراز احمد گاڑی سے نکلے اور دونوں کو پکڑ لیا۔

’’کیا کرنے آئے تھے تم یہاں؟‘‘ وہ دہاڑے۔

وہ دونوں سہم گئے۔ عازم نے ہمت کر کے کہا۔

’’ڈیڈی! ہم فرہاج کے پاس آئے تھے۔ گھر میں کس کے ساتھ کھیلتے؟‘‘

’’بے وقوف۔ نان سینس! میرا اعلیٰ تربیت کی خاطر خرچ ہونےو الا پیسہ اتنا سستا نہیں کہ تم اس دو ٹکے کے لڑکے کے ساتھ کھیل کر اسے ضائع کرو اور اپنا کیریر بگاڑو۔ وہ ایک کلرک کا بیٹا زیاہ سے زیادہ کلرک ہی بن جائے گا۔ تم کسی عام آدمی کے بیٹے نہیں۔ تمہیں بہت کچھ کرنا ہے۔ آئندہ میں اسے تمہارے ساتھ نہ دیکھوں۔‘‘

عازم نے مڑ کر دیکھا لیکن فرہاج دروازے پر نہ تھا۔ سرفراز احمد نے دونوں کو گاڑی میں دھکیلا اور گھر لے آئے۔ چھوٹے چھوٹے ذہن حیران تھے اس نفرت سے جس کا اظہار انہوں نے ابھی ابھی کیا تھا۔ ورنہ کبھی جو علی اکبر اور علی اصغر ان کے گھر آجاتے تو سرفراز احمد ان سے اچھی طرح ہی پیش آتے تھے۔

لڑکپن میں تو ننھیالی گھر میں انہیں کھیل کود اور بڑی مامی کے ہاتھ کے لذیذ کھانوں کی کشش ہی لے جایا کرتی تھی۔ لیکن اب وہ صرف ایک سوندھی خوشبو کو محسوس کرنے وہاں جایا کرتے تھے۔ آ کے کچے بور جیسی خوشبو۔ پہلی راتوں کے چاند جیسی چاندنی والے چہرے کا دیدار عازم کی زندگی کا معمول بن گیا۔ جانے کب جانے کیسے اسمائ کی لمبی سیاہ زلفوں کا ہالہ عازم کے گرد تنگ ہوگیا۔ کالج جانے سے پہلے اور کالج سے آنے کے بعد اسمائ سے ملے بغیر، اسے دیکھے بغیر عازم کو قرار ہی نہ آتا۔ سمیع بھی اب بچے نہ تھے۔ عازم سے دو سال چھوٹے تھے۔ اب خبر نہیں کہ انہوں نے بھائی کی تقلید میں کسی کو نگاہوں میں بسالیا تھا یا دل کے ہاتھوں مجبور ہو کر بہرحال انہیں شبانہ کے سوا دنیا میں کوئی حسین لڑکی حسین لگی ہی نہ۔

تینوں لڑکیوں کی ربیعہ سے خاصی دوستی تھی۔ اسمائ اور ربیعہ ہم عمر تھیں جب کہ شبانہ اور شاہانہ چھوٹی تھیں۔ ویک اینڈپر تو گھر میں ان سب کے دم سے ہنگامہ ہی رہتا۔ لڑکیوں میں خاصا صلح و آشتی کا دور ہوتا۔ عازم اور فرہاج کسی نہ کسی طریقے سے ان میں پھوٹ دلوادیتے۔ ان کی چیزیں اور پیسے اڑالیتے۔ لڑکیوں کے بٹوے چرا کر کوک پینا، آئس کریم کھانا تو معمول ہی تھا۔ خاص طور پر اسمائ تو نشانہ ہی تھی جسے بابا جان بیٹی ہونے کے سبب کچھ زیادہ ہی محبت کا مستحق سمجھتے تھے۔ ربیعہ امن پسند لڑکی تھی۔ اکثر خود ہی رقم ان لوگوں کے حوالے کر دیتی۔ ایک بار اقبال پارک میں وہ سب لوگ ربیعہ کی بخشی ہوئی دولت پر عیش کرنے میں مصروف تھے۔ فرہاج آئس کریم کا کپ لےے اس کی طرف بڑھ آیا۔

’’ان ساری عنایات کا شکریہ ادا نہیں کروں گا کزن۔‘‘ ربیعہ مسکرا کر استقبالیہ نظروں سے دیکھنے گی۔ بات نامکمل جو تھی۔

’’اس لےے کہ یہ سب قرض ہے مجھ پر۔‘‘

’’میں نے کہا آپ سے فرہاج بھائی؟‘‘

’’کہو یا نہ کہو۔ میں تو سمجھتا ہوں۔‘‘

’’تو نہ لیا کریں مجھ سے کچھ بھی۔‘‘ ربیعہ کا دل دکھ گیا۔

’’نہیں نہیں، لیں گے تو ہر حال میں لیکن ادا کردینے کے خیال کے ساتھ ربیعہ! اوّل تو کسی دن میں بھی سرفراز پھوپھا کی طرح ایک اونچا محل بنانے میں کامیاب ہوجائوں گا۔ اگر خود ایسا نہ کرسکا تو کسی مال دار لڑکی سے شادی کرلوں گا اور تب تمہارا قرض اتار دوں گا ربیعہ۔‘‘

ربیعہ کا دل اچھل کر حلق میں آگیا۔ وہ پھٹی پھٹی نظروں سے اسے دیکھتی رہی۔ سفید شرٹ اور برائون پینٹ میں اپنے خوب صورت وجود سمیت اس کے سامنے کھڑا یہ لاپروائی سے آئس کریم کھاتا فرہاج علی خان بنا پوچھے اس کے دل میں آن بسا تھا۔

وہ شادی کرے گا کسی مال دار لڑکی سے۔ کتنی سہولت سے وہ یہ بات کہہ رہا تھا۔ کتنا خود غرض تھا۔ کیا آج کل لڑکے شعور آتے ہی یہ خواب دیکھنا شروع کر دیتے ہیں۔ وہ مسکرا رہا تھا۔ اس کی آنکھیں مسکرا رہی تھیں۔

یہ ساری دنیا آخر دولت کے بارے میں ہی کیوں سوچتی ہے۔ دولت تو بس دور کا ڈھول ہی ہونی چاہےے۔ کب خوش تھی وہ دولت کے ڈھیروں میں۔ اس کا دل تو فرہاج کے گھر کے کچے آنگن میں لگتا تھا لیکن اس کے دولت مند ڈیڈی ایک پل کے لےے اس کا وہاں جانا برداشت نہیں کرتے تھے اور فرہاج ڈیڈی کے اونچے محل سے متاثر تھا۔ اسے خبر نہ تھی کہ اونچے محلوں میں رہنے والی روحیں جیتے جی درگور ہوتی ہیں۔

’’ٹھیک ہے۔۔۔ میں آپ کو غلط سمجھ بیٹھی تھی۔ آئی ایم سوری فرہاج علی خان۔‘‘ اس نے دھیرے سے کہا۔

’’کیا مطلب؟‘‘

’’میں نے سوچا تھا شاید آپ عمر بھر میرے مقروض ہی رہیں گے لیکن آپ تو بڑے دور اندیش ہیں۔ ہر معاملے سے متعلق سوچ رکھا ہے آپ نے۔‘‘ وہ مسکرا پڑی۔

علی اکبر اپنی ساری پونجی دونوں بچوں پر خرچ کر کے انہیں مکمل انسان بنانے کی تگ و دو میں تھے۔ فرہاج نے اس سال بی اے کیا تھا اور اسمائ بی اے کے آخری سال میں تھی۔ عازم کو قانون دان بننا تھا۔ وہ ایم اے کے بعد لا کالج میں چلے گئے تے جب کہ سمیع اپنے شوق کے قطعِ نظر بزنس ایڈمنسٹریشن کر رہے تھے تاکہ کاروبار میں ڈیڈی کا بازو بن سکیں اور ربیعہ اسمائ کے ساتھ ہی بی اے کر رہی تھی۔ بڑی خود دار لڑکی تھی یہ اسمائ بھی۔ کالج سے گھر کا فاصلہ اگر زیادہ نہ تھا تو کم بھی نہ تھا۔ ربیعہ کو لینے اکثر ڈرائیور اور کبھی کبھی عازم یا سمیع آیا کرتے تھے لیکن اس نے ایک دن بھی گاڑی میں بیٹھنا گوارا نہ کیا۔ ربیعہ نے کئی بار اس بات پر اس سے اچھی خاصی جنگ کی تھی۔ اس نے ایک نہ سنی۔ فرہاج البتہ اکثر سیر و تفریح میں عازم اور سمیع کے ساتھ ہی رہتا یا علی اکبر کے پرانے ماڈل کے ہنڈا کو گھسیٹے رہتا۔ اس دن الیکشن کے ہنگاموں کی وجہ سے کالج بند ہوگیا تو ربیعہ بھی اسمائ کے ساتھ پیدل ہی چلی آئی۔ موسم کافی خوب صورت تھا۔ اکّا دکّا بادل فضا میں تیر رہے تھے۔ ہلکی مست خرام ہوا کے جھونکے روح تک کو معطر کر رہے تھے۔

ربیعہ شادمانی کے احساس سمیت فٹ پاتھ پر اسمائ کے ساتھ چل رہی تھی جب اس نے اچانک دور سے فرہاج کو آتے دیکھا۔

موٹر سائیکل پر اس کے ساتھ آسمانی کپڑوں میں ملبوس وہ کوئی لڑکی ہی تھی۔ اسمائ نے بھی دیکھ لیا۔ وہ زن سے ان کے قریب سے گزرگیا تھا۔ کون تھی وہ؟

اچانک ہوا کے ٹھنڈے جھونکے بادِ سموم میں بدل گئے۔ روح جھلسنے لگی۔ لیکن اس نے اسمائ کے سامنے خود کو لےے دےے ہی رکھا۔ اسمائ نے بھی اس پر ظاہر نہ کیا۔ شام کو فرہاج حسبِ معمول عازم اور سمیع کے ساتھ ان کے اسٹڈی روم میں موجود تھا۔ ربیعہ چائے دینے کے لےے گئی۔

’’کزن! خالی خولی چائے نہیں چلے گی۔ آپ کو اچھی طرح علم ہے ہمیں آپ کے ہاتھ کے بنے پکوڑے اور شامی کباب کس درجہ مرغوب ہیں۔‘‘ وہ ہمیشہ کی طرح شوخ و شریر ہی لگ رہا تھا۔

’’سسٹر! تجویز تو معقول ہے۔‘‘ سمیع نے حمایت کی۔

عازم بولے۔

’’دیکھو نا سسٹر! یہ ہم لوگ جو اس قدر محنت کرر ہے ہیں تو صرف اس لےے کہ تاریخ میں تمہارا نام سنہری حرفوں میں لکھا جائے۔‘‘

’’میرا نام کیوں؟‘‘ ربیعہ نے فوراً کہا۔

’’سچ ہے کزن! خدا قسم محنت اور صرف محنت۔ کل کلاں میں اگر اعلیٰ سرکاری آفیسر بن گیا تو لوگ یہی کہیں گے کہ یہ ایک نکمی سی لڑکی ربیعہ سرفراز کا کزن ہے۔‘‘ اب بات اس کی سمجھ میں آگئی۔ وہ دانت پیس کر رہ گئی۔ لیکن ان سب کی فرمائش ٹالنا بھی اس کے بس میں نہ تھا۔

تھوڑی دیر بعد وہ تینوں چائے کے ساتھ اور بھی کئی چیزوں پر ہاتھ صاف کر رہے تھے۔ چائے انہیں دے کر وہ لان میں چلی آئی۔ وہ بھی سنجیدگی سے پڑھائی میں مصروف تھی۔کبھی کبھار اسمائ کے ساتھ مل کر پڑھا کرتی لیکن اسے تنہا اسٹڈی کرنا زیادہ اچھا لگتا تھا۔ اس وقت بھی وہ مصروف تھی بلکہ سرتاپا غرق تھی کہ چونک گئی۔

’’کزن! مخل ہونے پر معذرت خواہ ہوں۔‘‘ اس نے کتاب بند کر دی۔

’’آج تم نے مجھے دیکھا تھا علامہ اقبال روڈ پر۔‘‘ وہ بڑی تسلی سے اطلاع دینے کے انداز میں پوچھ رہا تھا۔

’’جی ہاں۔۔۔!‘‘ اس نے اسی تسلی سے جواب دیا۔

’’اور اس قیامت کو بھی۔‘‘ وہ مسکرایا۔ انداز قیامت تھا۔

’’آف کورس۔‘‘

’’کیسی لگی؟‘‘

’’یہ آپ اپنے آپ سے پوچھےے۔‘‘

’’کیوں؟ تمہیں بتانے میں کیا قباحت ہے؟‘‘

’’کچھ تو ہے۔‘‘

اس کی بات ان سنی کر کے وہ ہنس دیا۔

’’میں نے تم دونوں کو دیکھ لیا تھا۔ اگر اسمائ نہ ہوتی تو شاید میں رک بھی جاتا۔‘‘

’’اس کے ہوتے ہوئے کیوں نہ رُکے؟‘‘

’’وہ ۔۔ وہ اسمائ ہے نا۔‘‘ خوامخواہ ہی اس نے اپنا گھنے بالوں والا سر کھجایا۔ ’’بابا کی بہت لاڈلی ہے۔ وہ صاف جا کے انہیں بتادیتی اور بابا دوسرے دن ہی مجھے پکڑ کے گھر بٹھا دیتے۔‘‘

تب ربیعہ بے اختیار ہنس پڑی۔ باوجود تھوڑے سے غصے کے۔

’’اچھا۔۔ اگر اتنا ہی ڈر ہے ماموں جانی کا تو مت کیا کیجےے ایسی حرکتیں۔‘‘

’’نہیں کزن! مجبوری ہے۔ وہ لڑکی میری زندگی ہے۔ مزے کی بات تو یہ ہے کہ آج تک اسے بتا ہی نہ سکا۔‘‘

’’عجیب بات ہے۔ اسے ساتھ لےے لےے پھر رہے تھے لیکن اسے بتا نہیں سکے۔ تو کیا سمجھ کر وہ آپ کے ساتھ پھر رہی تھی؟‘‘

’’اسی سلسلے میں تو تم سے بات کرنے آیاتھا۔‘‘

’’کس قسم کی بات؟‘‘ اس نے کڑے تیوروں سے پوچھا۔

’’یہی کچھ ہیلپ وغیرہ کرنے کی۔ تمہیں معلوم ہے ناپرسوں کامیابی کی خوشی میں ایک چھوٹی موٹی پارٹی دے رہا ہوں۔ وہ بھی آئے گی کزن! تم جو تقریر کی بادشاہ ہو بس تھوڑا سا اسے بھی قائل کر دینا۔ اسے میرے بارے میں بتا دینا۔ میرا پیغام اچھے طریقے سے اس تک پہنچا دینا۔‘‘

’’کیا وہ کسی بے تحاشا دولت مند باپ کی بیٹی ہے؟‘‘ ربیعہ کو اس دن والی بات یاد تھی۔ لیکن فرہاج ذرا بھی نہ چونکا۔

’’ہاں۔۔۔ اور خوبیوں کے ساتھ ایک خوبی یہ بھی ہے۔‘‘

’’خوشی ہوئی سن کر اللہ کرے آپ کے خوابوں کی تعبیر مل جائے لیکن فرہاج علی خان یہ تو بتائےے کیا وہ بھی آپ کو چاہتی ہے؟‘‘

’’یہی تو سارا پرابلم ہے کزن۔ اسی لےے تو روبرو بات نہیں کرنا چاہتا کہ اگر جواب نفی میں ہوا تو۔۔۔‘‘

’’تو معاف کیجےے فرہاج علی خان۔۔۔ میں بھی ایسا کرنے سے قاصر ہوں۔‘‘ اس نے دو ٹوک فیصلہ کرتے ہوئے جواب دے ڈالا اور کتابیں اٹھا کر اندر چلی آئی۔

بے اختیار رونے کو جی چاہا۔

کس بے دردی سے وہ اس کے سامنے ایک اور لڑکی کا ذکر کےے جارہا تھا۔ اس سے انجان اور بے خبر بنا۔ کیا نظروں کے سارے پیام جھوٹے تھے۔ کیا اس کے لبوں کی مسکراہٹ سب کے لےے ہی تھی۔ جسے ربیعہ نے از خود صرف اپنی خاطر ہی سمجھ لیا تھا۔ یہ تبسم، یہ انداز شاید اس کی فطرت کا ہی ایک انداز تھا پر کچھ بھی ہو ربیعہ کے لےے وہ پہلا اور آخری مرد تھا جسے اس نے دل کے نہاں خانوں میں جگہ دے دی تھی۔ بنا کہے، بنا سنے اسے تو چاروں طرف فرہاج ہی فرہاج نظر آتا تھا۔

بات ایسی تھی کہ کسی کو اس کے بارے میں بتانا دنیا کا دشوار ترین کام تھا۔ کسی کو بھی رازدار بنانے کے لےے تیار نہ تھی ربیعہ پھر کیا کرے۔

’’چھوڑو ربیعہ جان! کیا خوبی ہے ایسی اس میں جو کسی دوسرے میں نہیں۔‘‘ دل و دماغ نے اسے راہ دکھائی، فرار کی راہ۔

پھر اندر سے بولا۔

’’ایسا کرو تم خود ہی اسے بتادو۔ اسے کہہ دو۔ رازِ دل، حالِ زار۔‘‘ دل و دماغ نے پھر سرزنش کی۔

’’نہیں نہیں۔ یہ مر کر بھی نہیں ہوسکتا کہ میں پہل کروں۔ اس سے محبت اور توجہ کی بھیک مانگوں۔‘‘

’’محبت تو کسی صلے کی طلب کےے بغیر کی جاتی ہے۔ میں خود غرض بننے چلی ہوں۔ میں محبت کرتی ہی رہوں گی۔بنا یہ سوچے کہ میں اس کا مرکزِ خیال نہیں ہوں۔ بنا اس خواہش کے کہ وہ مجھے چاہے، محبت تو امر ہے اپنا آپ منوالیتی ہے۔ کسی دن اس سنگ دل تک یہ بات پہنچ ہی جائے گی۔ خود بخود ہی۔‘‘

’’سخت پاگل ہو تم بھی ربیعہ۔‘‘ دماغ نے اسے ٹوک دیا۔ ’’اس کے متعلق سوچ رہی ہو جس کسی اور کے حصول کی تمنا میں ہے۔

’’تف ہے تم پر۔‘‘اتنا سوچ کر وہ رونے لگی۔ آنسو جو بہے تو پھر بہتے چلے گئے۔

عازم اور سمیع نے لاکھ اصرار کیا کہ کامیابی کی خوشی میں دی جانے والی پارٹی ان کے گھر میں ہو لیکن فرہاج کو ان کی تجویز بالکل پسند نہ آئی۔ اس نے  اپنے گھر میں ہی اہتمام کیا۔ شاید علی اکبر کے گھر میں مدتوں بعد پہلی تقریب تھی جس میں ساجدہ بیگم نے بھی دلی مسرتوں سمیت شرکت کی تھی۔ فرہاج کے لےے انہوں نے ایک بے حد قیمتی رسٹ واچ، دو چار گرم سوٹ اور مختلف ضرورت کی اشیائ بڑی چاہ سے خریدی تھیں۔ اکلوتا بھتیجا انہیں جان سے زیادہ پیارا تھا۔ اس کی خوب صورتی ، ذہانت اور شرارتیں تینوں ہی انہیں عزیز تھیں۔ جس دن فرہاج ان سے ملنے نہ آتا سارا دن ایک خلا کا احساس رہتا۔ عازم اور سمیع نے اپنے اپنے طور پر خاصے قیمتی تحفے اس کے لےے خریدے۔ سرفراز احمد حسبِ معمول تجارتی مصروفیات میں گُم تھے۔ ذرا سی دیر کے لےے بھی پارٹی میں شریک نہ ہوئے۔ بھلا چھوٹے لوگوں کی محفل میں وہ کرنے بھی کیا آتے۔ یہاں تو آٹے دال کے بھائو کے اتار چڑھائو کا ذکرکرنے والے لوگ تھے بلکہ اتار کی نہیں صرف چڑھائو کی باتیں کرنے والے، مہنگائی کا رونا رونے والے، انہیں یہاں لطف ہی کیا آتا۔ ان لمحوں میں تو وہ ایک غیر ملکی فرم کے نمائندوں سے بات چیت میں مصروف تھے۔ ایک بزنس کنٹریکٹ کے سلسلے میں۔

اسمائ نے بھائی کی اس خوشی کی تقریب میں ہلکی گلابی رنگ کی ساڑھی باندھ رکھی تھی جو اس کے متناسب قد اور خوب صورت بدن پر بے حد بھلی لگ رہی تھی۔ عازم کی نظروں کے بدلے بدلے زاوےے ربیعہ سے بھی پوشیدہ نہیں تھے۔وہ نگاہ ہی نگاہ میں نثار ہوئے جارہے تھے۔ بات کرنے کے بہانے ڈھونڈ رہے تھے۔ ربیعہ، ساجدہ بیگم کے ساتھ بیٹھی چاروں طرف دیکھ رہی تھی۔ جہاں عازم، سمیع اور فرہاج کے مشترکہ دوست موجود تھے یا خاندان کی کچھ لڑکیاں تھیں۔ فرہاج نے ڈارک برائون سوٹ پہن رکھا تھا۔ بے شک اچھا بھی لگ رہا ہوگا لیکن ربیعہ نے ایک بار بھی جان بوجھ کر اس کی طرف نہیں دیکھا۔ آج اس کا دل زخمی سا تھا، بجھا بجھا ، لُٹا لُٹا، ٹوٹا پھوٹا، کل تک وہ فرہاج کو اپنا تصور کرتی تھی۔ آج یہ سوچ کر اسے رونا آرہا تھا کہ وہ اس کا نہیں ہے۔

وہ کئی بار اس کی طرف آیا۔ بار بار ٹائی درست کرتا، آستینوں کی کریز سنوارتا، بال سنوارتا لیکن ربیعہ نے کوئی ریسپونس نہیں دیا۔ منہ پھیر کر بے خبر بننے کی کوشش ہی کی۔ وہ تو یہاں بھی بس دنیا داری نبھانے چلی آئی تھی ورنہ آنے کی خواہش نہ تھی۔

سب مہمان کھانے کی میزوں کی طرف بڑھ آئے۔ ربیعہ تو بس ساجدہ بیگم کے گلے کا ہار بنی ہوئی تھی۔ انہوں نے اسمائ سے کہہ کر ربیعہ کو لڑکیوں میں بھجوایا۔ اس نے بے دلی سے ایک کوارٹر پلیٹ میں تھوڑی سی چیزیں لیں۔ گلاب جامن ہاتھ میں لی ہی تھی کہ فرہاج ایک دم کہیں سے اس کے قریب آگیا۔

اس کا ہاتھ پکڑ کر پورے کی پوری گلاب جامن منہ میں ڈال لی۔

’’شکریہ کزن! ویسے ناواقفِ آداب ہوں گے اس دنیا میں مگر تم سے کم کم ۔‘‘

ابھی وہ اس حرکت پر اظہارِ برہمی کرنے ہی نہ پائی تھی کہ اس نے ایک دم الزام اس پر لگادیا ناواقفِ آداب ہونے کا۔

’’کیا کیا میں نے؟‘‘ وہ جل بھن گئی۔

’’تحفہ کہاں ہے میرا؟ پارٹی میں خالی ہاتھ منہ اٹھائے چلی آئی ہو۔‘‘

’’کہیں تو چلی جائوں؟‘‘

’’ارے نہیں نہیں۔ یہ جو تم نے سات رنگوں میں سے ایک خوب صورت رنگ کا لباس پہن رکھا ہے اس رنگ کی کمی ہوگئی تو اللہ کی قسم محفل روکھی پھیکی ہوجائے گی۔ سچ اگر آج تم کچھ دے دیتیں تو زندگی بھر یاد رکھتا۔‘‘ اس کے نیوی بلو کرتے، پاجامے اور کامدار دوپٹے کی در پردہ تعریف کرتے کرتے وہ پھر تحفے کے ذکر پر آٹھہرا۔

’’ممی ، عازم بھائی اور سمیع بھائی کے بعد میرا تحفہ لانا کوئی ایسا ضروری تو نہ تھا۔ کیا خبر آپ اسے بھی قرض میں شامل کرلیتے اور آپ کے بوجھ میں مزید اضافہ ہوجاتا۔‘‘

فرہاج نے زور دار قہقہہ لگایا۔

’’واہ واہ! کیا خوب۔ ویسے بائی دا وے کزن تحفہ مجھے مل گیا ۔ اب اس کی ضرورت نہیں رہی۔‘‘ اتنا کہتے ہوئے وہ کچھ دورکھڑے اپنے دوستوں کی طرف چلا گیا۔

واپس آتے آتے رات ہوگئی۔ فاصلہ کچھ زیادہ تو نہ تھا لیکن پھر بھی علی اکبر، علی اصغر، اسمائ اور فرہاج انہیں چھوڑنے کے لےے آئے۔ سب لوگ آگے آگے تھے۔ ربیعہ سست روی سے چل رہی تھی۔ ایک دم آواز آئی۔

’’کزن! تم نے اس سے بات کی؟‘‘ فرہاج اس کے قریب تھا۔

’’کس سے؟‘‘

’’بھئی، اسی قیامت سے۔‘‘

تب ربیعہ نے سوچا مہمانوں میں اسے ایک بھی لڑکی نظر نہیں آئی تھی۔ وہ کس سے بات کرتی۔

’’آپ نے بتایا ہوتا ، متعارف کراتے تو آپ کی الجھن دو رکرنے میں، میں آپ کی مدد کرتی فرہاج علی خان۔‘‘ جب بھی اس کا دل جلتا وہ بڑے طنز سے اُسے فرہاج علی خان کہہ کر پکارتی۔

’’حیرت ہے تم نے اسے پہچانا ہی نہیں۔ وہ سارا وقت تمہارے قریب ہی تو رہی۔‘‘

ربیعہ نے پلٹ کر اس کی طرف دیکھا۔

’’کیوں جھوٹ بول رہے ہیں۔وہاں تو کوئی نہ تھا۔ میں نے آپ کے انتخاب کو بہ نظر غور دیکھنے کا سوچ رکھا تھا لیکن کوئی نظر نہ آیا۔‘‘

’’سچ کہا تم نے کزن! میں اسے مدعو کرنے کی ہمت ہی نہ کر سکا۔ بہت اونچے گھر کی بیٹی ہے وہ۔ اس چھوٹے سے گھر آکر، میری اصلیت جان کر شاید مجھ سے ملنا ہی بند کر دیتی۔‘‘ اس کے لہجے میں کرب تھا۔ ربیعہ کو ترس آگیا۔ فرہاج دل سے اسے چاہنے لگا تھا۔

’’یہ بات آپ پہلے سوچ لیتے۔‘‘

’’ان معاملوں میں سوچا کب جاتا ہے کزن! آپ ہی آپ سب کچھ ہوجاتا ہے۔‘‘ اس کا لہجہ اب گمبھیر تھا۔

وہ جواب میں کچھ نہ کہہ سکی۔

’’کزن! کیا میں زندگی بھر اسے بتا نہ پائوں گا۔ حالِ دل نہ سنا سکوں گا۔کزن! میں کوئی کھیل نہیں کھیلنا چاہتا۔ اسے اپنی رفیق بنانا چاہتا ہوں۔ تا زیست رفاقت کی امین۔‘‘

ربیعہ کو اس لڑکی پر رشک آیا جسے اس کا شان دار کزن اس سنجیدگی سے پسند کرنے لگا تھا۔

’’فرہاج! کاش یہ سب کچھ تم نے میری خاطر کہا ہوتا۔ سخت پاگل ہے وہ لڑکی۔ میں ہوتی تو اقرار میں لمحہ بھر تاخیر نہ کرتی۔ لیکن کہاں تم اور کہاں میں۔‘‘

’’اللہ کرے آپ اسے پالیں۔‘‘

وہ ضبط کرتے آگے بڑھ گئی۔

اپنے کمرے میں آکر وہ بے اختیار ہی ڈریسنگ ٹیبل کے سامنے آگئی۔ بیضوی آئینے میں اپنے آپ کو دیکھتے ہوئے جانے کیا کیا سوچنے لگی۔ نیوی بلیو سوٹ میں اس کا چہرہ کسی بدرِ کامل کی طرح پُرنور لگ رہا تھا۔ گلے میں پڑی سونے کی چین رنگت سے میل کھارہی تھی۔ گلابی لب شدّتِ کرب سے بھنچے ہوئے بھلے لگ رہے تھے۔ آنکھیں ضبطِ گریہ کی کوشش میں گلابی ہورہی تھیں۔

’’کیا وہ بہت حسین لڑکی ہوگی جسے فرہاج نے اپنی خاطر چُنا۔‘‘ وہ رو پڑی۔ وہیں ڈریسنگ ٹیبل کی چکنی سطح پر کئی قیمتی آنسو گر گئے۔

’’تمہیں خوش دیکھ کر مجھے خوشی ہوگی فرہاج علی خان کہ میں نے تمہیں چاہا ہے۔ چاہنے والوںکو رنجیدہ نہیںدیکھا جاتا۔ اللہ کرے تم وہ خوشی پالو جو مجھے نہ مل سکی۔‘‘ اس نے سچے دل سے دعا کی۔

ز ز ز ز

فرہاج نے ایم اے میں داخلہ لے لیا۔ دوسرے سال وہ اور اسمائ بی اے کر چکیں۔ عازم کو لائ کی ڈگری مل گئی۔ بی اے کے بعد سرفراز احمد نے ربیعہ کی تعلیم مکمل ہوجانے کا اعلان کر دیا۔ عازم اعلیٰ تعلیم کے لےے باہر جانا چاہتے تھے۔ لیکن سرفراز احمد کو ان کی شادی کی فکر تھی۔ سمیع بزنس ایڈمنسٹریشن کے آخری سال میں تھے۔ زندگی اپنے معمولات سمیت گزر رہی تھی۔

اسمائ گھر بیٹھ کر متوسط طبقے کی محنتی اور سگھڑ لڑکیوں کی طرح اپنا جہیز بنانے میں لگی تھی اور ربیعہ وقت گزاری کی خاطر ایک کوچنگ سینٹر میں مختلف ہنر سیکھنے میں لگی تھی۔ کوچنگ سینٹر چار پانچ فرلانگ کے فاصلے پر تھا۔ وہ اکثر پیدل ہی گھر آجایا کرتی۔ اس دن بھی اپنی چندکلاس فیلوز کو اللہ حافظ کہہ کر بڑھی تھی کہ فرہاج اپنے نئے ویسپا پر اس کے قریب آرکا تو اسے یاد آیا کہ وہ فرہاج کو اس کی مبارک باد دینے بھی اس کے گھر نہ جاسکی تھی۔

’’اگر بُرا محسوس نہ کرو کزن! تو میں تمہیں۔۔۔‘‘‘

’’ارے نہیں نہیں۔ تھوڑا سا فاصلہ ہے۔ اس کی کیا ضرورت۔‘‘ فرہاج نے گلہ آمیز نظروں سے اسے دیکھا۔

’’ہاں بات تم نے ٹھیک ہی کہی۔ لمبی لمبی گاڑیوں میں بیٹھنے والی سرمایہ دار کی بیٹی ویسپا پر سفر کرتی مضحکہ خیز ہی لگے گی۔‘‘ وہ طنز کےے جارہا تھا۔

اسے کیا خبر تھی کہ ربیعہ تو اس سحر انگیز قربت سے گھبرائے جارہی تھی اور اس کی بے اعتنائیوں، بے نیازیوں پر ہر دم اس سے روٹھی رہتی تھی۔ خفا رہتی تھی۔

’’آپ اتنا غلط کیوں سوچتے ہیں۔ ایسی تو کوئی بات نہیں۔ شاید میں ہی آپ کے قابل نہیں ہوں۔‘‘ وہ اپنی بات پر خود ہی گڑبڑا گئی اور اپنی کیفیت چھپانے کے لےے منہ دوسری طرف کرلیا۔

’’تم کس قابل ہو کزن! تمہیں کیا خبر۔ خیر چھوڑو، آئو بیٹھو۔‘‘ جانے کون سے جذبوں کا اثر تھا وہ انکار نہ کر سکی۔ ہینڈ بیگ سنبھالتی ہوئی پیچھے بیٹھ گئی اور جب فرہاج نے اسکوٹر موڑا تو وہ جھٹ بول اٹھی۔

’’یہ کہاں چلے آپ؟‘‘

’’ڈرو نہیں کزن! میں تمہارا محافظ ہوں۔ کوئی لٹیرا نہیں۔‘‘ اس کے لہجے میں بلا کی تسلی تھی کہ پھر اس نے کچھ بھی نہ کہا۔ کینٹ کی صاف ستھری، کشادہ سڑک پر وہ ویسپا بھگائے لےے جارہا تھا۔

’’تمہارے سنگ سفر کرنے کی خواہش جانے کتنی پرانی ہے لیکن ہمت پیدا نہ کرسکا کبھی۔ صرف اس لےے کزن! کہ تم میرے دولت مند پھوپھا کی بیٹی تھیں۔‘‘

’’کاش زندگی آج جیسا ایک سفر ہوتی جو کبھی ختم نہ ہوتا۔ ازل سے ابد کی طرف چلتا رہتا۔‘‘

’’کزن! کیا تم اتنی ہی بے خبر ہو۔ اتنی ہی انجان جتنا ظاہر کرتی ہو؟ زندگی کے سفر میں بے شک میرا ساتھ نہ دینا لیکن میرے دلِ زار کا معاملہ تو سُن لو۔ اتنی اچھی کیوں ہو تم کزن! کہ دنیا کی سب لڑکیوں کی اچھائیاں ماند پڑ گئی ہیں تمہارے سامنے۔‘‘

وہ خود ہی سب کچھ کہتا رہا اور یہ سب سن کر ربیعہ کے ہوش اڑنے لگے۔

کیا مذاق تھا یہ سب۔ جانے آج کون سی شرارت کا نشانہ بننے والی تھی وہ۔

لیکن جب چمن زار عسکری کے پارکنگ لاٹ میں اس نے ویسپا روکا اور اتر کر اس کے سامنے آیا تو وہ فرہاج کا چہرہ دیکھ کر ہی حیران رہ گئی۔ اتنا سنجیدہ تو وہ زندگی بھر کبھی نہیں ہوا تھا۔ اس کے سنگ چلتا وہ اب خاموش سا تھا۔ جھیل کی طرف آکر وہ سیڑھیاں چڑھتے اوپر کی طرف بنے سرسبز و شاداب حصے میں آگئے۔ سن شیڈ کے نیچے پتھر کے بینچ پر دایاں قدم رکھے فرہاج علی خان اپنے سامنے کھڑی ربیعہ سرفراز کو دیکھے جارہا تھا۔ جو نگاہوں کی گرمی سے پگھلی جارہی تھی۔ لیکن بہت سارے شبہات کا شکار بھی تھی اور تھوڑی تھوڑی خوف زدہ بھی۔

’’ربیعہ۔۔۔!‘‘ خلافِ معمول فرہاج نے اس کا نام لیا تھا۔ انہونی بات تھی۔

’’ربیعہ۔۔۔! مستقبل کے خوابوں میں جو میں نے ایک دولت مند باپ کی بیٹی کا ذکر کیا تھا۔۔۔ وہ تم ہو۔۔ ۔ خدا کی قسم صرف تم۔‘‘

ربیعہ کا منہ حیرت سے کھلے کا کھلا رہ گیا۔ وہ تیزی سے آنکھیں جھپک رہی تھی۔ اس کے کان سائیں سائیں کر رہے تھے۔

’’لیکن اپنے ڈیڈی کی دولت کے بغیر صرف اپنی ذات کے ساتھ۔

جانتا ہوں ایک مفلس آدمی کو اتنا بڑا خواب نہیں دیکھنا چاہےے لیکن یقین کرو ہزار تاویلوں کے بعد بھی میں دل کو کچھ سمجھانے میں ناکام رہا۔ تم میری زندگی ہو ربیعہ! بس میری دنیا میں تمہاری ضرورت ہے۔ گھر، جائیداد، بینک بیلنس، جیولری، پُر آسائش زندگی کی ہر احتیاج میں تمہاری خاطر پیدا کر ہی لوں گا۔ قوتِ بازو کے سہارے۔ بس تم اقرار کرلو کہ تم سدا سے میری تھیں اور میری ہو۔‘‘

اور ربیعہ سوچ رہی تھی یہ جو کچھ فرہاج علی خان کہہ رہا ہے کہیں یہ اس کی فطرت کے انداز میں تو شامل نہیں۔

’’لیکن۔۔۔ فرہاج۔۔۔! وہ لڑکی۔۔۔ وہ آسمانی لباس والی لڑکی جو اس روز آپ کے ساتھ تھی۔۔۔ وہ۔۔۔ وہ ۔۔۔ جو۔۔۔‘‘

’’وہ جو ان دنوں میرے اعصاب پر سوار تھی وہ بھی تم ہی تھیں کزن! صرف تم۔۔۔ وہ تو میں نے مذاق کیا تھا۔‘‘

’’نہیں نہیں۔۔۔ مذاق تو یہ سب ہے جو آپ مجھ سے کہہ رہے ہیں۔ وہ سچ تھا۔۔۔ اگر سچ نہ ہوتا تو آپ ایک عرصہ میری منتیں کیوں کرتے۔‘‘

فرہاج گھبرا گیا۔ بینچ پھلانگ کر اس کے قریب آگیا۔

’’ارے وہ لڑکی بے چاری جانے کون تھی۔ بس پر سوار ہوتے ہوئے رش کی وجہ سے پائوں پھسلا اور نیچے گر گئی۔ تماشا دیکھنے والے تو ارد گرد بہت تھے لیکن مدد کرنے والا کوئی بھی نہیں۔ میں اسے ڈاکٹر کے پاس لے گیا۔ پٹّی کرائی اور اس کے گھر چھوڑ آیا۔ تم نے تو اتفاق سے دیکھ لیا تھا۔ میں نے سوچا چلو تمہیں ستانے کا ایک بہانہ سہی۔ پر تم تو پتھر تھیں کزن! حوادث کی دھوپ میں کیسے پگھلتیں۔ تمہارے جذبے جو مجھ سے پوشیدہ کبھی نہ تھے جب تم ان کے آگے بند باندھتیں تو مجھے پیار آتا۔ یار! لوگ مجھے راجہ اندر کہتے ہیں خود میرا بھی عہد تھا محبت اسی سے کروں گا جو اظہار میں پہل کرے گی لیکن کزن! میں ہار گیا۔ تم مضبوط تھیں اپنی جگہ پر ڈٹی رہیں اور یہ راز تو آج سمجھ میں آیا۔ پہل نسوانیت کی توہین ہے۔ سچ آج اگر غضنفر راجہ میرے دماغ کے لوز اسکرو نہ کستا تو میں عمر بھر تمہاری طرف سے ابتدا کے شوق میں زندگی کے حسین لمحوں کا زیاں کرتا رہتا۔‘‘

وہ سچ مچ سخت بوکھلایا ہوا تھا۔ پھر گھبرایا گھبرایا سا فرہاج ربیعہ کے دل میں تہہ در تہہ اترتا چلا گیا۔ پورے چھ فٹ کا لمبا تڑنگا نوجوان اس کی ہستی پر سایہ فگن ہوگیا۔ لاکھ کوشش کے باوجود اس کے لب نہ ہل سکے۔ وہ نگاہیں چار نہ کرسکی۔ فرہاج نے اس کی مشکل کا اندازہ کرلیا اور جھٹ آنکھوں پر گاگلز چڑھالی لیکن ربیعہ اس کے مسکراتے لبوں کی طرف بھی نہ دیکھ سکی۔ پھر وہ اس کو لے کر نیچے کی طرف چلا جہاں ڈھیروں لوگ کشتیوں میں جھیل کی سیر کر رہے تھے۔ کشتی میں قدم رکھتے ہوئے وہ لڑکھڑائے جارہی تھی۔ فرہاج نے اسے سہارا دیا۔ دونوں آمنے سامنے بیٹھے تھے۔ فرہاج مکمل طور پر اس کے دےدار میں گم تھا۔ اردگرد سے بے خبر جھیل کے ساکت پانیوں میں بڑا خوب صورت ارتعاش پیدا ہورہا تھا۔ پانی لہروں لہروں کناروں سے ٹکرا کر لوٹ رہا تھا۔ بالکل اسی طرح جس طرح ربیعہ کی ہر نگاہ فرہاج کی نگاہ سے ٹکرا کر اس کے دل میں ایک حسین سا ہیجان برپا کر رہی تھی۔ دل کی دھڑکن کی ہر لَے پر جسم کا رواں رواں کانپ رہا تھا۔ واقعی یہی جی چاہ رہا تھا اس حسین قربت کو محسوس کرتے کرتے ہی عمر بیت جائے۔

پھر وہ بڑے اصرار سے اسے ایک کیفے میں لے آیا۔ پرائیویٹ کیبن میں سنہری چائے میں چینی ملاتے ہوئے اس نے کہا۔

’’کزن! تمہارا حصول ایک جدوجہد ہوگی۔ کیا اس میں تم میرا ساتھ دے سکو گی؟‘‘

’’آپ میرے ماموں زاد ہیں۔ ممی کے اکلوتے لاڈلے بھتیجے۔ ڈیڈی بھلا کب انکار کر سکیں گے۔ راہیں بہت آسان ہیں فرہاج! ایک دوسرے کے سنگ ضرور جئیں گے ہم۔‘‘

’’اوہ ونڈر فل۔۔۔ ربیعہ۔۔۔ تم نے تو فرسٹ کلاس بات کہہ ڈالی۔ میں بھی بھول ہی گیا تھا کہ میں پھپھو کا لاڈلا بھتیجا ہوں۔‘‘

وہ ہنس پڑا اور ربیعہ اس کے شاداں و فرحاں چہرے کی طرف دیکھتی رہ گئی۔

ز ز ز ز

بڑی سوچ بچار کے بعد پلاٹینیم کی چین اس نے فرہاج کے لےے منتخب کی جو ڈیڈی مشرق وسطیٰ کے کاروباری دورے سے اس کے لےے لائے تھے۔ اتوار کا دن تھا۔ ملازم اور سمیع اس روز گھوڑے گدھے بیچ کر ہی سوتے تھے۔ وہ چپکے سے ممی کو بتا کر ماموں کی طرف آگئی۔ مامی نل پر کپڑوں کے انبار میں چھپی بیٹھی تھیں اور اسمائ باورچی خانے میں تھی۔ چھوٹی مامی بیٹیوں سمیت میکے گئی ہوئی تھیں۔ علی اکبر اخبار پڑھ رہے تھے، اسے دیکھ کر پکار اٹھے۔

’’آئو آئو ربیعہ بیٹی! ادھر میرے پاس آئو۔‘‘ وہ مسکرانے لگے۔ دل کے چور نے گڑبڑ کردی۔ آج تو وہ خاص طور پر صرف فرہاج کی خاطر ہی آئی تھی۔

’’ماموں جان! وہ اسمائ سے کچھ کام تھا۔‘‘

’’بیٹھو بیٹی! وہ ابھی کام کر کے آرہی ہے۔ اسمائ بیٹی! ربیعہ کے لےے چائے بھی لیتی آنا۔‘‘ انہوں نے وہیں سے آواز دی۔

ربیعہ نے اِدھر اُدھر دیکھا۔ وہ کہیں نظر ہی نہ آیا۔ سخت تذبذب کا شکار تھی۔ کیسے پوچھتی۔

’’بیٹی! عازم اور سمیع کل سے نظر نہیں آئے۔ کہاں ہیں؟‘‘

’’گھر پر ہیں ماموں جان!‘ ‘ اس نے جواب دیا۔

’’فرہاج نے ناک میں دم کر رکھا ہے۔ کل سہ پہر سے کمرے میں بند ہے۔‘‘ اس نے حیران ہو کر علی اکبر کی طرف دیکھا۔

’’وہ آتے اور اسے سمجھاتے۔‘‘ وہ پھر بولے۔

’’بات کیا ہے ماموں جان؟‘‘

’’وہی پرانا مطالبہ باہر جانے کا۔ تم خود ہی سوچو۔ شب و روز کی محنت کے بعد میں دونوں بچوں کو بڑی مشکل سے رہن سہن کا مناسب انداز دینے پر پورا اترتا ہوں۔ اس کی اعلیٰ تعلیم کے لےے پیسہ کہاں سے لائوں؟ آفس میں ہیڈ کلرک کی پوسٹ خالی تھی۔ معقول جگہ تھی۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے ترقی جلد ہوجاتی لیکن اس کے دماغ پر باہر جانے کا بھوت سوار ہے۔ یہ سب تو دولت والوں کے چونچلے ہوتے ہیں بیٹی! میں اتنی رقم کہاں سے جمع کروں۔ کون سی ایسی جائیداد ہے میرے پاس جسے بیچ کر اس کی آرزو پوری کردوں۔‘‘

’’انہیں آپ کا خیال رکھنا چاہےے ماموں جان! اب وہ کہاں ہیں۔ میں ان سے بات کرتی ہوں۔‘‘ علی اکبر کی بات سن کر اسے دکھ ہوا۔ وہ اندر چلی آئی۔ کمرے کا دروازہ بند تھا۔ اس نے دستک دی۔ فرہاج نے اس کی آواز سن لی تھی۔ دروازہ کھول دیا اور پھر اپنے پلنگ پر جا بیٹھا۔

’’آپ ماموں جان کو کیوں تنگ کر رہے ہیں فرہاج!‘‘

’’تنگ کرنے کی کون سی بات ہے۔ صرف پندرہ ہزار روپے چاہیں مجھے۔ جو بہت جلد ان کو لوٹادوں گا۔‘‘ وہ چڑ گئی۔

’’ہر بات میں لوٹا دینے کی بات ضرور کرتے ہیں آپ۔ آخر کیا وجہ ہے۔ نہیں جائیں گے آپ کہیں بھی۔ کیا ساری دنیا باہر جا کر ہی تعلیم حاصل کرتی ہے؟‘‘

’’میں اپنے خوابوں کی تکمیل چاہتا ہوں۔ ربیعہ خود سوچو تمہیں پانے کے لےے جو کچھ ضروری ہے وہ یہاں رہ کر مجھے نہیں مل سکتا۔‘‘

’’کیا مجھے پانے کے لےے وہ سب بہت ضروری ہے۔ نہیں فرہاج! یہ آپ کی غلط سوچیں ہیں۔ رشتے داری میں یہ سب باتیں نہیں دیکھی جاتیں۔ جو کچھ ماموں جان کہتے ہیں وہ آپ کو مان لینا چاہےے۔‘‘

’’نہیں۔۔۔ نہیں ہر گز نہیں۔ میں گھٹ گھٹ کر جینا نہیں چاہتا۔ میں عام آدمی بننا نہیں چاہتا۔ مجھے دنیا میں زندہ رہنا ہے تو اونچا مقام ضرور حاصل کروں گا۔ یہ میرا خود سے عہد ہے۔ خواہ حالات کچھ بھی ہوں۔‘‘ اس کا لہجہ اٹل تھا۔ پھر وہ ایک دم غیر سنجیدہ ہوگیا۔

’’کزن! یہ تم آپ آپ کہہ کر آخر کس غیریت کا احساس دیتی ہو۔ میں تمہارا اپنا ہوں صرف تمہارا راج بلکہ راجو۔۔۔‘‘

مامی اسے راجو کہہ کر پکارتی تھیں۔ تب ربیعہ کو بھی اچھا لگا کرتا تھا۔

’’آئندہ اتنے ادب و احترام سے میرا نام لینے کی ضرورت نہیں ہے سمجھیں؟‘‘ اس نے ربیعہ کی آنکھوں میں جھانکنے کی کوشش کی۔

’’جناب! یہ مٹھی میں کیا بند ہے؟‘‘ اس نے ہاتھ میں پکڑے لفافے کی طرف اشارہ کیا جس میں چین تھی۔

ربیعہ نے جذبوں کی شدتوں سے مغلوب ہو کر کہا۔

’’یہ۔۔۔ آپ کے لےے۔‘‘ تب فرہاج نے تنبیہی نظروں سے اسے گھورا۔ تو وہ لفافے میں سے چین نکالتے ہوئے کہہ گئی۔

’’یہ تمہارے لےے ہے راجو! میری طرف سے ایک حقیر تحفہ۔‘‘

اس نے چین کانپتے ہاتھوں سے فرہاج کے گلے میں ڈال ہی دی۔

’’ارے۔۔۔ ارے یہ کیا۔‘‘اس نے ہاتھوں سے چین کو چھوا۔

’’کزن! کیا اسٹین لیس اسٹیل کی چین گلے میں ڈالنا محبت کے دستور میں شامل ہے؟‘‘ وہ مسکراتے ہوئے پوچھنے لگا۔

’’بس دل چاہا۔‘‘

’’اور کیا کیا چاہتا ہے یہ دل؟‘‘

’’اور یہ کہ تم ماموں جانی سے ضد کرنا چھوڑ دو۔‘‘

’’نو کزن! یہ میر اآخری فیصلہ ہے اور میں اس سے باز نہیں رہ سکتا۔‘‘ اس نے اتنا کہہ کر بات ختم کر دی۔

ابھی وہ کچھ کہنے کا سوچ رہی تھی کہ اسمائ اندر آگئی۔ علی اکبر چائے کے لےے اس کا انتظار کر رہے تھے۔ وہ پھر برآمدے میں آگئی۔

ز ز ز ز

لمحہ لمحہ کٹتا وقت کچھ اور بھی آگے نکل گیا۔ یہ وقت فاصلے سمیٹنے میں لگا تھا اور اب دوریوں میں بھی قربتوں کا احساس ہونے لگا تھا۔ فرہاج آج کل بھی اسی مصروفیت میں ہی تھا۔ مامی جان نے اس کی خاطر اپنے سارے زیور بیچ ڈالے جو بُرے وقت کا آسرا تھے اور جنہیں انہوں نے فرہاج کی دلہن کے لےے سنبھال کر رکھا ہوا تھا۔ آج کل وہ اسلام آباد میں تھا ویزا وغیرہ کے چکرمیں۔ عازم اور سمیع کا اسٹڈی روم بھی ویران تھا۔ اب یہاں اونچے اونچے قہقہے نہیں گونجا کرتے تھے۔ ربیعہ کو اپنا گھر حتیٰ کہ پورا ماحول اجنبی سا لگنے لگا تھا۔ بے اختیار وہ ماموں کے گھر چلی جاتی۔ سادہ سے ڈرائنگ روم میں لگی فرہاج کی تصویر کو دیکھ کر جانے کہاں سے اطمینان رگوں میں اتر جاتا۔ یہ بڑی سی مسکراتی تصویر اسے بے حد عزیز تھی۔

پورے دس دن بعد وہ گھر لوٹا۔ آتے ہی اسی طرف آیا۔

’’پھپھو جان!‘ ‘ اس کی خوشی سے بھرپور طویل آواز برآمدے میں گونج گئی اور ربیعہ اپنے کمرے سے نکل کر کوریڈور میں آگئی۔ وہ ساجدہ بیگم کے کمرے کی طرف آچکا تھا۔ اسے دیکھ کر ٹھٹھک کر رک گیا۔

’’مبارک ہو کزن؟‘‘ ویزا لگ جانے پر وہ بہت خوش تھا۔

ربیعہ کے لےے تو اس کی آمد کا یقین کرنا ہی دشوار تھا۔ بمشکل اس کی آواز سن سکی۔ آنکھیں آنسوئوں سے لبریز ہوتی گئیں۔ وہ آگے بڑھی اور اس کے دونوں ہاتھ تھام لےے۔ گویا وہ پھر کہیں کھوجائے گا۔ فرہاج کی آنکھیں بھی نم سی ہوگئیں۔

’’پگلی۔۔۔۔!‘‘ اس نے دھیرے سے کہا اور ساجدہ بیگم کے کمرے کی طرف بڑھ گیا۔

ز ز ز ز

کتنی دیر سے وہ اس کے کمرے میں بیٹھا دس دنوں کی روداد اسے سنا رہا تھا اور ربیعہ مسلسل اسے دیکھتے ہوئے یہ سوچ رہی تھی کہ اس کے بنا چار سال کس طرح گزریں گے۔ ہاتھوں کے پیالے میں چہرہ ٹکائے، کرسی کے بازو پر کہنیاں رکھے اس نے فرہاج کو مخاطب کیا۔

’’راج۔۔۔!‘‘

’’ہوں۔۔۔‘‘ وہ میز پر پڑا انگلش میگزین الٹ پلٹ رہا تھا۔

’’ایک دن تمہیں نہ دیکھوں تو لگتا ہے جہاں میںمیرے لےے خوشی ہی نہیں۔ اگر ہم جدا ہوگئے تو۔۔۔‘‘ اس کی آنکھوں میں دور کے خدشے تھے۔

’’تو کیا ہوگا؟‘‘ ا س نے الٹا سوال کیا۔

’’میں تو مرجائوں گی۔ تمہارے بنا جینے کا میں نے تو سوچا ہی نہیں۔‘‘

’’ارے۔۔۔ ہم تو جئیں گے بابا اور ٹھاٹھ سے جئیں گے بلکہ غمِ جاناں سے آزاد اور ایک دم خوش باش۔‘‘ وہ اطمینان سے ایک خوب صورت تصویر دیکھنے میں مگن تھا۔

ٹپ ٹپ کئی آنسو ہتھیلیوں میں آگرے۔ بڑی دیر بعد فرہاج نے اس کی طرف دیکھا اور ہاتھ کے اشارے سے آنسوئوں کا سبب پوچھا۔

’’تم بڑے کمینے ہو راج۔۔۔ مجھ سے بچھڑ کر ٹھاٹھ سے زندہ رہو گے کیوں؟‘‘ وہ بگڑ ئی۔ منہ پھلا کر بیٹھ گئی۔

’’تو اور کیا کروں؟‘‘ انداز میں تجاہل عارفانہ تھا۔

’’بس ایسی تدبیر کہ ہم جدا ہونے ہی نہ پائیں۔‘‘ شاید اسے ترس آگیا۔ بولا۔

’’جدائی ممکن ہی نہیں۔ ہم ایک دوسرے کے ہیں۔ ایک دوسرے کے لےے ہی زندہ رہیں گے۔

پگلی! بچھڑ بھی جائیں تو کیا ہے۔ محبت تو نہیں مر سکتی نا۔ صدیوں بعد بھی زندہ رہے گی۔ صدیوں بعد بھی سامنا ہوگیا تو میں دھاڑیں مارتا ہوا تمہیں گلے لگالوں گا کہ تم میری پہلی اور آخری تمنا ہو۔‘‘

تب وہ روتی آنکھوں سے مسکرادی۔

ز ز ز ز

دوسرے دن ابھی وہ سینٹر جانے کے لےے تیار ہورہی تھی کہ فرہاج آگیا۔ بے حد خوش، گہرے سرمئی رنگ کے سوٹ میں ملبوس، چم چم کرتے سیاہ بوٹ اس کی نظروں کے عین سامنے تھے۔ ڈریسنگ ٹیبل کے پاس کھڑا وہ اس سے مخاطب تھا۔

’’کزن۔۔۔ایک چیز تمہارے لےے خرید لایا ہوں۔ دیکھو پسند نہ آئے تو بے مایہ سمجھ کر نظر انداز کردینا۔ بس یہ سوچ لینا کہ کتنی چاہ سے لائی گئی۔‘‘

ڈبیا کھول کر سرخ اور سفید نگینوں والی جڑائو انگوٹھی اس نے ربیعہ کے سامنے کر دی۔

’’آج امی جان! بابا جان اور چچا جان آئیں گے پھوپھا جان سے تم کو مانگنے۔ پردیس میں یہ احساس ہی کافی رہے گا کہ تم پر میرے نام کی مہر لگ چکی ہے۔‘‘

انگوٹھی پر نظریں جمائے جمائے مستقبل کے خواب دھنک کے رنگوں کی طرح اس کے سامنے لہراگئے۔

’’دوری سے گھبرانا نہیں کزن! تمہارا ہوں، تمہارا ہی رہوں گا۔ آج سوچتا ہوں کاش کسی لینڈ لارڈ ا بیٹا ہوتا۔ تمہیں پانے میں آسانی تو رہتی۔ خیر اب پھوپھا جان کے قدموں میں سر رکھ دوں گا۔ وعدے نبھانے کا وعدہ ان سے کرلوں گا۔‘‘

وہ مسکرادی۔ ارادے اٹل تھے۔ جذبوں کی فراوانی تھی۔ پالینے کا یقین تھا۔ اس نے جلدی سے سینڈل پہنے، اسٹریپ بند کےے، دوپٹّا سنبھالا اور اس کے ساتھ باہر آگئی۔ آج ویسپا پر اس کے ساتھ بیٹھتے ہوئے اسے ذرّہ برابر اجنبیت کا احساس نہیں ہوا۔ سفر بڑی جلدی ختم ہوگیا۔ جتنی دیر و واپس جاتا نظر آتا رہا تھا ربیعہ گیٹ پر ہی کھڑی رہی۔ بہت خوش تھی وہ آج۔ مستقبل کی واضح تصویر سامنے آگئی تھی۔

خلافِ معمول وہ کچھ جلدی گھر لوٹ آئی۔ آج تو کام میں بھی دل نہ لگا تھا۔ جلد از جلد شام کو ہونے والے فیصلے کی منتظر تھی۔

شا کی چائے کے وقت ڈیڈی گھر پر ہی تھے۔ ربیعہ بار بار گیٹ کی طرف آتی۔ ہر آہٹ پر دل دھڑک دھڑک اٹھتا۔ موسم خاصا ٹھنڈا تھا۔ شام کے سائے ڈھل چکے تھے۔ سرفراز احمد آتش دان کے آگے بیٹھے چائے پی رہے تھے۔ جب علی اکبر اور علی اصغر آئے، ساتھ میں دونوں خواتین بھی تھیں۔ ربیعہ پاس ہی کھڑی تھی۔ انہیں دیکھ کر بے اختیار حجاب محسوس کرتے ہوئے وہ باہر چلی گئی۔ ساجدہ بیگم نے مسکرا کر استقبال کیا اور ان کے لےے چائے وغیرہ منگوائی۔

’’خیریت تو ہے بھائی جان! یہ آج چاروں اکٹھے چلے آئے۔‘‘

’’خیریت ہی خیریت ہے۔‘‘ علی اکبر نے مسکراتے ہوئے جواب دیا۔

’’خیریت کہاں؟ کسی گھر پر ڈاکہ ڈالنے بہت سے لوگ مل کر ہی آیا کرتے ہیں۔‘‘ علی اصغرنے جواباً کہا۔

سرفراز احمد ہنس پڑے۔

’’ڈاکو تو اسلحہ سے لیس ہو کر آتے ہیں آپ خالی ہاتھ ہی چلے آئے؟‘‘

’’ہم پیار، محبت اور خلوص کے ہتھیار سجا کر آئے ہیں بھائی صاحب!‘‘ یہ ربیعہ کی مامی تھی۔

’’اچھا تب تو ان ڈاکوئوں کے لےے بھی ہم آنکھیں فرشِ راہ کرتے ہیں۔‘‘ ساجدہ بیگم نے پیار سے بھائیوں کی طرف دیکھا۔

سرفراز احمد لاکھ ان لوگوں کو اپنے سے کمتر خیال کرتے ہوں تب بھی منہ پر ان کی عزت کرتے تھے۔

اب بھی ان سے باتیں کرتے رہے اِدھر اُدھر کی۔

علی اکبر کو ابتدا کرنے کے لےے الفاظ نہ مل رہے تھے۔ سوچ میں تھے کہ کس طرح اپنا مدعا بیان کریں۔ پھر ہمت کر کے انہوں نے کہہ دیا۔

’’بھائی صاحب! آپ نے یہ نہیں پوچھا۔ محبت، خلوص اور پیار کے ہتھیاروں سے رعب جما کر ہم آپ سے کیا چھیننا چاہتے ہیں۔‘‘

’’آپ کو ہی علم ہوگا علی اکبر! میں تو بزنس مین ہوں۔ قیافہ شناس نہیں۔‘‘ انہوں نے ہنس کر ہی کہا۔ شاید وہ سمجھ نہ سکے تھے۔

’’میں چاہتا ہوں آپ فرہاج کو اپنا بیٹا بنالیں۔‘‘

سرفراز احمد ایک دم چونکے لیکن بڑے ضبط کے ساتھ سننے لگے علی اکبر کی بات۔

’’ہمارا اور آپ کا قریبی رشتہ ہے بھائی صاحب! ہم ربیعہ بیٹی کو آنکھوں کا نور بنا کر رکھیں گے۔ فرہاج کے دل میں آگے بڑھنے کی لگن ہے۔ان شائ اللہ وہ آپ کی بیٹی کے شایانِ شان ہوگا۔ آپ کبھی اس سے مایوس نہیں ہوں گے۔‘‘ علی اصغر نے بڑی محبت سے بھتیجے کی حمایت کی۔

سرفراز احمد بڑی دیر خاموش رہے۔ بچا ہوا سگار بجھا کر ایش ٹرے میں ڈالتے ہوئے کہنے لگے۔

’’کیا آپ لوگوں کو واقعی علم نہیں؟‘‘

’’کس بات کا؟‘‘ علی اکبر اور علی اصغر دونوں نے بیک وقت زبان پوچھا۔

’’میں عازم اور ربیعہ دونوں کا رشتہ اپنے بزنس پارٹنر رحمن زیدی کے بچوں کے ساتھ طے کر چکا ہوں۔‘‘

ساجدہ بیگم نے بھی حیران ہو کر خاوند کی طرف دیکھا۔

’’حیرت ہے کہ آپ کی بہن نے اتنی اہم بات کا ذکر آپ سے اب تک نہیں کیا۔ مجھے افسوس ہے کہ میں آپ کو مثبت جواب نہ دے سکا۔ یہ شادیاں تو طے ہوچکی ہیں۔ بس ظفر کے آنے کا انتظار ہے جو آج کل بزنس ٹور کے سلسلے میں تائیوان میں ہے۔‘‘

وہ اٹھے۔

’’اچھا آپ تشریف رکھےے۔ ایک ضروری اپائنٹمنٹ کی وجہ سے اجازت چاہوں گا۔ رات کے کھانے تک اگر آپ یہیں رہے تو پھر باتیں ہوں گی۔ اللہ حافظ۔‘‘

ساجدہ بیگم خاموش کی خاموش بیٹھی رہیں۔ قدموں کی آواز دیر تک آتی رہی۔ پھر گاڑی اسٹارٹ ہونے کی آواز آئی اور وہ چلے گئے۔

’’تم نے پہلے بتایا ہوتا ساجدہ! ہم اپنی بات کہہ کر شرمندہ تو نہ ہوتے۔‘‘ علی اکبر بجھے بجھے سے تھے۔

’’مجھ سے غلطی ہوئی بھائی جان! میں آپ سے شرمندہ ہوں۔‘‘ ساجدہ بیگم جانے کس غلطی پر پشیمان تھیں۔ سرفرا ز احمد سے شادی والی غلطی پر جس میں ان کی مرضی کا کوئی دخل نہ تھا یا ایسی بات نہ بتانے کی غلطی پر جس کا علم خود انہیں بھی نہ تھا۔ چاروں اٹھ کھڑے ہوئے۔

علی اکبر نے ساجدہ کے سر پر ہاتھ رکھا۔

’’شرمندہ تو ہم ہیں ساجدہ! چھوٹے منہ سے اتنی بڑی بات کہہ کر۔ کاش! تمہارا ناتا ایک دولت مند آدمی سے جوڑتے وقت ہم نے مستقبل کے بارے میں بھی سوچ لیا ہوتا۔ یہ تمہارے نادان بھتیجے کا اصرار تھا۔ ہم میں سے تو کوئی بھی راضی نہ تھا۔‘‘

ساجدہ بیگم نے روکا بھی نہیں اور وہ رکے بھی نہیں۔ چلے گئے۔

رات کے کھانے کے لےے سرفراز احمد معمول سے ہٹ کر جلد ہی آگئے۔ ساجدہ بیگم اپنے کمرے میں تھیں۔ ربیعہ ان کے پاس آئی تھی کہ شاید وہ کچھ بتادیں لیکن مارے شرم کے خود پوچھ نہ سکی تھی۔

سرفراز احمد کے کڑے تیور دیکھ کر وہ سہم گئی۔

’’تمہارے بھائیوں کو جرأت کیسی ہوئی یہاں آنے کی؟‘‘

’’میں۔۔ میں نہیں جانتی۔‘‘ وہ بھی خوف زدہ تھیں۔

’’وہ جو خواب دیکھ رہے ہیں پورے نہیں ہوں گے۔ میری دولت اس لےے نہیں کہ تمہارے کنگلے بھائی میری بیٹی کی آڑ میں اس پر عیش کریں۔ میں نے صرف تمہاری وجہ سے ہمیشہ ان کا یہاں آنا برداشت کیا ہے۔ ورنہ میرے لےے تو ان کے وجود ہی باعثِ شرم ہیں۔ میری نازو پلی بیٹی کے قابل نہیں ہے تمہارا بھتیجا۔ ابھی رحمن آرہا ہے۔ رسم کے طور پر ربیعہ کو انگوٹھی پہنانے۔ کل ہم لوگ شانزہ کے لےے جائیں گے۔ پندرہ فروری کو ربیعہ اوربیس فروری کو عازم کی شادی ہے۔ یہ چیک میں نے کاٹ دیا ہے مناسب خریداری کرلینا۔‘‘ انہوں نے ایک چیک سائیڈ ٹیبل پر رکھا اور چلے گئے۔

ز ز ز ز

’’ممی۔۔۔! ممی۔۔۔! ایسا نہیں ہوگا ممی! میں مرجائوں گی۔ مجھے بچالیں ممی!‘‘

وہ ساجدہ بیگم سے لپٹی مسلسل روئے جارہی تھی۔ ماں کا دل کٹ رہا تھا۔ فرہاج اور ربیعہ کا روحانی ناتا ان کی محبت ساجدہ بیگم سے پوشیدہ نہ تھی۔ فرہاج انہیں دل و جان سے پسند تھا۔ عازم اور سمیع جتنا ہی عزیز تھا لیکن وہ جانتی تھیں کہ اس گھر میں وہ کتنی بے بس ہیں۔

’’چپ ہوجائو بیٹی! یہ رونا لاحاصل ہے۔ تمہارے باپ کو میں جانتی ہوں۔ ایک بار جو کہہ دیا سو کہہ دیا۔‘‘

’’نہیں ممی! مجھے ان کا فیصلہ قبول نہیں۔ زندگی مجھے گزارنا ہے انہیں نہیں۔‘‘

ایک دم سرفراز احمد پھر اندر آگئے۔ شاید وہ سب کچھ سن چکے تھے۔

’’رونے دھونے کی ضرورت نہیں۔ والدین اولاد کا اچھا یا برا بخوبی سوچتے ہیں۔ تم میری بیٹی ہو۔ میں تمہارے بارے میں جو بھی فیصلہ کروں اسے قبول کرنا تمہارا فرض ہے ہر حال میں۔‘‘

وہ نظریں جھکائے بیٹھی رہی۔

’’ساجدہ! کیا تمہارا بھتیجا اس لےے یہاں آیا کرتا ہے کہ وہ میری دولت کی خاطر اس کی ہمدردیاں جیت لے۔ آئندہ میں اسے اس گھر میں نہ دیکھوں۔‘‘

ز ز ز ز

منگنی ہوگئی۔ شادی بھی مقرر ہوگئی۔ دوسرے دن شانزہ کے لےے جانا تھا ساجدہ بیگم کو لیکن عازم کو خبر تک نہ تھی۔ جب وہ انگوٹھی خرید کر بازار سے لوٹیں تو عازم اور سمیع دونوں ان کے کمرے میں ان کے منتظر تھے۔

’’یہ سب کیا ہے ممی! اور آپ اس وقت کہاں گئی تھیں؟‘‘ عازم نے پوچھا۔

’’یہ سوال مجھ سے نہیں اپنے ڈیڈی سے کرو بیٹے!‘‘

’’ممی! ڈیڈی کاروبار میں اپنا شریک کسی کو بھی بناتے رہیں لیکن ہماری زندگیوں کا شریک تو انہیں نہ بنائیں۔ اپنے بارے میں یا اپنی بہن کے بارے میں ہم خود سوچ سکتے ہیں۔‘‘

’’آخر خامی کیا ہے ظفر رحمن یا شانزہ میں۔ آخر تم لوگوں کی شادیاں تو ہونا ہی ہیں۔ زیدی صاحب بھائیوں کی طرح ہیں۔ تمہارے ڈیڈی کے لےے۔لڑکا اور لڑکی دونوں دیکھے بھالے ہیں۔‘‘

’’کچھ بھی ہو۔۔۔ مجھے دولت سے دولت کی یہ شادیاں منظور نہیں ہیں۔ یہ میرا بھی آخری فیصلہ ہے۔ مجھ میں ان سے ٹکرانے کی ہمت ہے۔ نہیں چاہےے مجھے ان کی جائیداد، فیکٹریاں اور بینک بیلنس۔ آپ غور سے سن لیں، میری شادی ہوگی تو صرف اسمائ سے ورنہ ہرگز نہیں۔‘‘

یک نہ شد دو شد۔ ساجدہ بیگم اس انکشاف پر انگشت بدنداں رہ گئیں۔

’’کیا چاہتے ہو تم عازم! آخر کیا چاہتے ہو۔ میرے بھائیوں کو چین سے جینے دو۔ تمہارا باپ ان پر زندگی ہی تنگ کر دے گا۔ تم نہیں جانتے کہ ان لوگوں کے لےے سرفراز کے دل میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔‘‘

’’ان لوگوں نے کیا بگاڑ رکھا ہے ان کا۔ کیا ان کا یہی قصور ہے کہ وہ رزقِ حلال کماتے اور کھاتے ہیں۔ پُرخلوص ہیں، باکردار ہیں اور عظیم انسان ہیں جنہوں نے بھول کر بھی ڈیڈی کے کالے روپے کے بارے میں سوچا تک نہیں۔‘‘

’’تم حد سے بڑھ رہے ہو عازم! کیا خیال ہے تمہارا کیا گھر کا شیرازہ بکھیرنا چاہتے ہو۔ کیا خواہش ہے تمہاری کہ اس عمر میں لوگ میری بربادی پر ہنسیں۔ میرا مذاق اڑائیں۔‘‘

’’ممی! آپ ڈیڈی کو سمجھائیں نا۔ عازم کی بات صحیح ہے۔‘‘

سمیع نے بس اتنا کہا۔

’’جواب میں وہ یہی کہے گا کہ تم بھی اپنے ان کنگلے بھائیوں کے پاس چلی جائو۔‘‘

’’تو گویا یہ اسٹیٹس، جاہ و حشمت آپ کو بھی بہت عزیز ہے۔ کہتے ہیں، کہتے رہیں۔ آپ بے سہارا نہیں ہیں۔ ان بازوئوں میں بڑی قوت ہے۔ آپ کا بوجھ سہارلیں گے، چھوڑ دیجےے یہ اونچا محل، جس کی سنگی دیواریں روحوں کا گراں بار بننے چلی ہیں۔‘‘

’’بکواس کرتے ہو تم۔ باپ تمہارے لےے قابلِ احترام ہے۔ اس کا ہر فیصلہ ماننا تمہارا فرض ہے۔ بجائے اس کے کہ تم میری بات مانو مجھے سمجھانے چلے ہو۔‘‘

وہ سختی سے باز پرس کرنے لگیں۔

’’ہم نے یہ فیصلہ کرلیا ہے۔ دیکھیں گے ٹکرانے کی ہمت کس میں ہے۔‘‘

’’ٹھیک ہے آپ بھی دیکھتی رہیں۔ میں بھی دیکھوں گا۔‘‘ جلا بھنا وہ کمرے سے نکل گیا۔

’’ممی! آپ عازم بھیا کی بات مان لیں۔ وہ اسمائ باجی کو چاہتے ہیں۔ شادی تو دل کی خوشی کا نام ہے۔ جب دل ہی خوش نہ ہوں گے تو زندگی خاک اچھی گزرے گی؟‘‘ سمیع صلح پسند تھا۔ دھیرج سے بات کر رہا تھا۔

’’سب جھوٹی باتیں ہیں بیٹا! دنیا کی سب سے بڑی حقیقت دولت ہے۔ یہ پاس ہو تو کوئی غم غم نہیں ہوتا۔ عازم بھی جلد اس حقیقت کو جان لے گا۔‘‘ ساجدہ اپنے آنسو صاف چھپا گئیں۔

’’تم بھائی کو سمجھائو اس بغاوت کا انجام غلط ہوگا۔‘‘

سمیع نے تو خود کچھ خواب دیکھ رکھے تھے۔ لیکن عازم کے معاملے میں باپ کی رائے جا ن کر اس نے وہ تصور اپنے ذہن سے نوچ کر پھینک دیا تھا۔ اس تعلق کو از خود ختم کر دیا تھا کہ تعلق روح کی گہرائیوں میں دور تک اترجائیں تو انہیں اکھاڑنا جان جانے سے بھی زیادہ درد ناک بن جاتا ہے۔

وہ اپنی ذات کا مختار خود تھا۔ لیکن عازم کو بدلنا اس کے بس میں نہ تھا۔ وہ بھی خاموش رہ گیا بلکہ وہاں سے اٹھ گیا۔

ز ز ز ز

چوتھے روز ایک خوب صور ت کارڈ اس کچے آنگن والے گھر میں بھی پہنچ گیا جس کی کیاری میں ایک سدا بہار پودا فرہاج نے محبت کی علامت کے طور پر لگایا تھا۔ ربیعہ کی شادی تھی ظفر رحمن کے ساتھ۔ کارڈ فرہاج کے مضبوط و توانا ہاتھوں میں لرزتا رہا۔ پھر ایک دم گھر کی دہلیز سے نکل کر ربیعہ کے گھر کی طرف آگیا تیزی سے چلتا، دل و دماغ اس کے بس میں نہ تھے۔ سب لوگ لان میں موجود تھے۔ سرفراز احمد اخبار کے مطالعے میں مصروف تھے۔ اوروں کے ساتھ ساتھ انہوں نے بھی فرہاج کو دیکھا۔ فرہاج نے کسی سے دعا سلام نہیں کیا۔ سیدھا سرفراز احمد کی طرف آگیا۔

’’پھوپھا جان!‘‘ الجھے بکھرے بالوں میں ویران حلےے سمیت وہ اپنے آپ سے ہی بے خبر لگ رہا تھا۔

سرفراز احمد نے کڑے تیوروں سے اس کی طرف دیکھا۔ ربیعہ اپنی جگہ لرز کر رہ گئی۔

’’پھوپھا جان!‘‘ وہ ایک دم ان کے قدموں پر گر گیا۔

’’پھوپھا جان! میں آج تک کسی کے سامنے نہ جھکا ہوں اور نہ کبھی آئندہ جھکوں گا۔ لیکن اپنی خوشیوں کی خاطر آپ سے بھیک مانگ لینا بھی مجھے گوارا ہے۔ میں آپ کا بھی بیٹا ہوں پھوپھا جان! وعدہ کرتا ہوں وہ سب کچھ ربیعہ کو دینے کی تگ و دو کروں گا جو آپ اس کی خوش گوار زندگی کے لےے ضروری سمجھیںگے۔ وہ میری شدید ترین آرزو ہے۔ پھوپھا جان میں اسے کھو کر جینا نہیں چاہتا۔‘‘

سرفراز احمد نے پائوں جھٹک دےے۔

’’میں نے بڑے ضبط کے ساتھ تمہاری ساری بکواس سن لی۔ صرف اس لےے کہ میں جانتا ہوں میری دولت نے تم سے ہوش و حواس ہی چھین لےے ہیں۔ آئندہ میں تمہیں یہاں نہ دیکھوں۔ now i say get out from here forever (اب تم یہاں سے دفعان ہوجائو ہمیشہ کے لےے)‘‘ وہ چیخ اٹھے۔ کیا رہ گیا تھا کہنے کو۔ کون سی کسر باقی تھی۔ فرہاج نے ایک نظر ربیعہ کو دیکھا اور واقعی ہمیشہ کے لےے اس گھر سے نکل آیا۔

ز ز ز ز

ربیعہ!

اگر تم اپنے ڈیڈی کے عزت اور وقار کو دل کے جذبوں کی خاطر قربان کر کے میری طرف آسکو تو میرے دل اور گھر کے دروازے تمہیں کھلے ملیں گے۔ میں یہ صرف اس لےے کہہ رہا ہوں کہ تم مجھے بے وفا نہ سمجھ لو اور نہ آسکو تو مجھے تم سے کوئی شکوہ نہ ہوگا۔ جانتا ہوں کہ تم کتنی بے بس ہو۔ قصور وار میں ہوں۔ اگر تمہیں حاصل کرنے کے قابل نہ تھا تو تمہیں خواب کیوں دکھائے۔

ایک اچھی لڑکی کی طرح حالات سے سمجھوتا کرلینا۔ پہلے صرف تمہارے لےے اچھی تعبیر لینے باہر جارہا تھا۔ اب صرف حالات سے فرار ہو کر۔ لیکن اتنا ضرور ہے کہ اب کبھی اللہ نے ہمیں ملایا تو فرہاج صرف فرہاج نہیں ہوگا۔ تمہیں دعا کے لےے بھی نہیں کہوں گا کچھ دے نہیں سکا تو لینے کا حق کہاں سے ہے مجھے۔ نہ ہی تمہیں دعا دینے کا یارا ہے کہ دل جلتا ہے۔‘‘

یہ وہ خط تھا جو عین رخصتی والے دن ربیعہ کو ملا تھا۔ کسی نے بھی اس کی شادی میںشرکت نہیں کی تھی بلکہ عازم بھی رخصتی والے دن ہی فرہاج کے ساتھ ہی اچانک باہر چلا گیا تھا۔ سرفراز احمد کو ان کا جہاز روانہ ہونے کے بعد ہی علم ہوا۔

نئے گھر میں قدم رکھتے ہی جھگڑوں اور تلخیوں کی ابتدا ہوگئی۔ عازم کا اقدام رحمن زیدی کے لےے ناقابل یقین ہونے کے ساتھ ساتھ ناقابل برداشت بھی تھا۔ حجلۂ عروسی میں ظفر رحمن نے آتے ہی طنز کا تیر چلایا۔

’’دلہن بیگم! کیا آپ بھی یہاں اپنی مرضی کے بغیر آئی ہیں۔ اگر ایسا ہو تو ابھی آپ کی واپسی کے سامان کےے جائیں۔‘‘

لہجے کی سفّاکی سے گھبرا کر اس نے ایک دم ظفر رحمن کی طرف دیکھا۔

’’نہیں، ایسی تو کوئی بات نہیں۔‘‘

’’آپ کے بھائی صاحب فراق کے صدمے میں ہجرت کر گئے۔ سچ ہے اگر آپ کے ساتھ کوئی ایسا معاملہ ہوتا تو یقینا آپ کو بھی ساتھ لے جاتے‘‘ اس نے کاغذ کا ایک پرزہ اس کی طرف اچھال دیا۔

وہ ایک خط تھا۔ رحمن صاحب کے نام عازم کی طرف سے جس میں اس نے واضح الفاظ میں انکار لکھا تھا اور یہ عہد بھی ظاہر کیا تھا کہ وہ صرف اسمائ سے شادی کرے گا ہر حال میں اور ہر قیمت پر۔

’’بابا صرف اس لےے خاموش ہیں اس توہین کے بعد بھی کہ انہوں نے واقعی دولت سے دولت کی شادی کی ہے لیکن میں شانزہ کو ریجیکٹ کرنے کی توہین کا بدلہ تم سے ضرور لوں گا۔ کان کھول کر سن لو۔

اگر عازم کی منزل اسمائ ہے تو مجھے بھی ایک لڑکی سے محبت ہے۔ میں بھی اسے وعدے وعید دے چکا ہوں اور اس سے شادی ضرور کروں گا۔‘‘

رات گزر گئی۔ صبح دم سرفراز احمد بوکھلائے ہوئے آئے۔ انہیں عازم کی عدم موجودگی کے بارے میںرات ہی علم ہوا تھا جب کہ چار دن بعد شادی تھی۔

’’رحمن! مجھے معاف کر دو۔ میں نے اس ناخلف کو سمجھنے میں سخت غلطی کی۔اگر تم میری التجا مان لو دوست تو یہ شادی پھر بھی ہوسکتی ہے۔‘‘

’’وہ کس طرح؟‘‘ رحمن زیدی کے بجائے ظفر نے پوچھا۔

’’سمیع بھی میرا بیٹا ہے اور اب تو میں نے عازم کو عاق کر کے ساری جائیداد سمیع اور ربیعہ کے نام کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔‘‘

’’مسئلہ حل ہوسکتا ہے سرفراز انکل!‘‘ شاید رحمن صاحب نے خود ہی بولنے کا اختیار بیٹے کو دے دیا تھا تب ہی خاموش تھے۔

’’سمیع کے حصے کی جائیداد شانزہ کے نام لگے گی ورنہ دوسری صورت میں آپ کی توہین کے جواب میں، میں آپ کی بیٹی کو طلاق بھی دے سکتا ہوں۔‘‘ سرفراز احمد گھبرا گئے۔

’’نہیں نہیں، بیٹے! تم سے رشتہ توڑنے کے لےے تو نہیں جوڑا میں نے۔ شانزہ میری بیٹی ہی ہے۔ مجھے ہر شرط منظور ہے۔‘‘

اس کے باوجود کہ انہوں نے ربیعہ کے مہر میں بتیس روپے ہی لکھوائے تھے۔

شانزہ کی شادی ربیعہ کے لےے خوش بختی کا پیغام بن گئی۔ جائیداد واقعی شانزہ اور ربیعہ کے نام ہوگئی۔ چند دن خوشی کے ساتھ گزر گئے۔ اس کے بعد ایسا دور شروع ہوگیا جس کا تصور بھی سرفراز احمد نے کبھی نہ کیا ہوگا۔

سمیع نے شانزہ کو ایمان داری سے اپنے دل میں وہ جگہ دے دی جو ایک عورت کا حق ہوتی ہے لیکن ظفر اس لڑکی کی تمنا کو خود سے جدا نہ کر سکا جسے اس نے ربیعہ سے شادی سے قبل اپنے دل میں آباد کر رکھا تھا۔ وہ علی الاعلان گھر میں آتی نہ صرف ظفر کے دل پر حکومت کرتی تھی بلکہ اس کے گھر پر بھی روشن کی حکومت تھی۔ چند دن بعد ہی ربیعہ کی حیثیت گھر میں ایک نوکرانی سے زیادہ نہ رہی۔ آئے دن روشن اور اس کی ڈھیروں سہیلیوں کے اعزاز میں دعوت کا اہتمام کیا جاتا اور باوجود خانساماں کی موجودگی کے ربیعہ کو کچن کا نظام سنبھالنا پڑتا۔

ربیعہ کا وجود وجود کہاں رہا تھا عدم ہوگیا تھا۔ بہت جلد ہی شادی شدہ زندگی کے اولین تحفے کی صورت میں ایک وجود اس کے اند رآبسا۔ کمزوری کے سبب بسا اوقات بستر چھوڑنا اس کے بس میں نہ رہتا۔ ایسے ہی ایک دن وہ گیارہ بجے آکر اپنے بستر میں لیٹ گئی۔ جانے کہاں سے ظفر آگیا۔

’’بیگم صاحبہ! میں نے آپ کو دل میں بسایا ہوتا تو یہ ناز نخرے بھی مجھے محبوب ہوتے۔ یہاں یہ سب کچھ نہیں چلے گا۔ ہمیں ابھی پکنک پر جانا ہے۔ آپ کچن میں چل کر کھانے پینے کا بندوبست کر دیجےے۔‘‘

ظفر کے پیچھے پیچھے ہی شانزہ اور روشن بھی کمرے میں آگئیں۔ خوش گوار زندگی تو شاید ان سب کے لےے ہی تھی۔ اس کی نظروں نے سمیع کو ڈھونڈا لیکن وہ کہیں نظر نہ آیا۔

’’سمیع بھائی کہاں ہیں بھابھی؟‘‘ اس نے شانزہ سے پوچھا۔

’’آپ کے ڈیڈی کو خبر ہوگی بھابھی جان۔ جو اولاد کو غلاموں کی طرح رکھنے کا گُر جانتے ہیں۔‘‘

وہ جان گئی سمیع کسی بزنس ٹور پر گیا ہوگا۔

’’وہ کسی کام سے گئے ہوں گے بھابھی!‘‘

’’جی ہاں، آپ کو اس سے کیا۔ آپ کے ظفر صاحب تو دن رات آپ کی سیوا میں لگے رہتے ہیں۔‘‘

ربیعہ کے دل پر گھونسا لگا۔ لیکن وہ خاموشی سے باہر چلی گئی۔ تھوڑی دیر بعد سب تیار تھے۔ ظفر اس کی طرف آیا۔

’’تم آرام کرو ربیعہ! اگر وہاں تمہاری طبیعت خراب ہوگئی تو خوامخواہ ہی پریشانی ہوگی۔ ٹھیک ہے نا۔‘‘

اس لمحے وہ بڑا مہربان لگ رہا تھا۔ شانزہ اور روشن ہاتھوں میں ہاتھ دےے گاڑی کی طرف جارہی تھیں۔ ربیعہ چپ چاپ برآمدے میں کھڑی انہیں جاتا دیکھتی رہی۔

’’یہی اچھی زندگی میرے لےے منتخب کی تھی ڈیڈی نے۔ ممی آخر کیا بگاڑا تھا میں نے ان کا۔‘‘ کئی دنوں بعد وہ گھر گئی تو ساجدہ بیگم کے گلے لگ کر رو پڑی۔

’’بس انہوں نے ضد میں آکر یہ فیصلہ کرلیا۔ انہیں کیا خبر تھی کہ عازم یوں باغی ہوجائے گا۔ بیٹی! رحمن صاحب کی شرافت ہے کہ انہوں نے بغیر کچھ کہے سمیع کے لےے ہامی بھرلی۔ یہ سب کچھ عازم کی وجہ سے ہوا ہے۔ تمہارے ڈیڈی کا اس میں کیا قصور؟‘‘

’’حیرت ہے ممی! آپ ان لوگوں کی حمایت کےے جارہی ہیں۔‘‘

’’اس لےے بیٹی!کہ اب تمہیں زندگی وہیں گزارنا ہے۔ جلنے کڑھنے سے کیا ہوگا۔ کیا دکھ ہے تمہیں۔ ضرورت کی ہر چیز تمہارے پاس ہے، نام ہے، مقام ہے، خوب صورت شوہر ہے، پیسہ ہے۔‘

’’سخت حیرت ہے ممی! آپ ماں ہو کر بیٹی کے دکھ سے نا آشنا ہیں۔ اتنی ہی دشمنی تھی ڈیڈی کو آپ کے خاندان سے تو شادی کیوں کی تھی آپ سے۔ خیر میری شادی فرہاج سے نہ کرتے مجھے ان لوگوں کے حوالے تو نہ کرتے۔‘‘

لیکن اس کا رونا دھونا اب تو بے سود ہی تھا۔ ماں شاید عمر بھر ہی شوہر کے کنٹرول میں رہی تھیں اب بھی ان کے منہ میں شوہرکی زبان بول رہی تھی۔ وہ جانتی تھیں بیٹی کے سارے دکھ، ان کا دل رو رہا تھا لیکن وہ خاموش تھیں۔ اس لےے کہ اس گھر میں سدا سرفراز احمد کی حکومت رہی تھی اور وہ ایک کنیز سے زیادہ اہمیت کی حامل نہ تھیں۔ ایک خوب صورت کنیز کی طرح جسے بعض اوقات شہنشاہوں کے دل میں اپنے حُسن کی وجہ سے تھوڑی سی جگہ مل جاتی ہے۔

ز ز ز ز

’’ربیعہ۔۔۔!‘‘ بڑے دنوں بعد وہ دن کے وقت گھر میں تھا۔ روشن ان دنوں شہر سے باہر گئی ہوئی تھی۔ تبھی وہ فارغ تھا ورنہ اس کے ساتھ سیر و تفریح ، ہوٹلنگ اور شاپنگ سے ہی ظفر کو فرصت نہ ملتی تھی۔

’’تم نے کیا سوچا؟‘‘

’’کس بارے میں؟‘‘

’’اپنے بارے میں۔‘‘

’’میں نے کاغذات تیار کرالےے ہیں۔ اس گھر میں آباد رہنا چاہتی ہو تو چُپ چاپ میرے ساتھ چل کر دستخط کردو ورنہ دوسری صورت میں طلاق لو اور اپنے ڈیڈی کے گھر سدھاردو۔‘‘

وہ خوف زدہ ہوگئی۔ طلاق کا بدنما داغ اسے کسی صورت گوارا نہ تھا۔

’’نہیں نہیں، میں طلاق نہیں لوں گی۔ میں کیا کروں گی۔ جائیداد آپ جب چاہیں اسے اپنے نام لگوالیں لیکن مجھے اس گھر میں وہ مقام دے دیں جو کہ ایک بیوی کا ہوتا ہے۔‘‘

’’تم میری بیوی ہی ہو ربیعہ! اس گھر میں تمہارا مقام ہے ااور رہے گا بلکہ اس ایثار کے بعد شاید میرے دل میں تمہاری قدر اتنی بڑھ جائے جس کا اندازہ خود تمہیں بھی نہ ہو۔‘‘

اچھی زندگی کی خاطر، حالات سے ایک اور سمجھوتا کرتے ہوئے اس نے کسی سے مشورہ بھی ضروری نہ سمجھا اور کورٹ میں جاکر حقوق ملکیت ظفر رحمن کے نام منتقل کر دےے۔

اس شام وہ بے حد خوش تھی۔ دل کی ساری امنگیں اس نے دفن کر دی تھیں۔ ظفر کی طرف جذبوں کا رُخ پھیر دینا اس کے لےے ناگزیر ہوگیا تھا۔ وہ اس کا شوہر تھا۔ ا س کے دکھ کا شریک اس نے عہد کیا تھا کہ وہ بھولے سے بھی دل میں فرہاج کا خیال نہیں لائے گی۔ فرہاج تو خنک ہوا کا ایک جھونکا تھا آکر گزر گیا تھا اور ظفر ایک گھنیری چھائوں جس کے نیچے ربیعہ کو طویل زندگی کے شب و روز بسر کرنا تھے۔

اس شام وہ بے حد مطمئن تھی۔ ظفر نے وعدہ کیا تھا۔ وہ روشن کا خیال چھوڑ کر مکمل اس کا ہوجائے گا۔

سفید تاروں بھرے قرمزی لباس میں وہ بے حد بھلی لگ رہی تھی۔ ابھی کچھ دیر پہلے اس نے ظفر کی پسند کی کچھ ڈشز اپنے ہاتھوں سے بنائی تھیں۔

’’ممی ٹھیک کہتی ہیں۔‘‘ وہ مثبت انداز میں سوچ رہی تھی۔ ’’ممی ٹھیک کہتی ہیں میرے پاس کیا کمی ہے۔ ضرورت کی ہر چیز ہی تو میرے پاس ہے۔ اس گھر میں کام میرے ذمے ہیں تو یہ گھر بھی تو میرا ہے۔ عورتیں حسنِ سلوک سے مرد کا دل جیت لیتی ہیں۔ میں نے بھی تو خدمت و اطاعت سے ان کو جیت لیا ہے۔ اب تک وہ روشن کو نہ بھول پائے تو میں نے بھی فرہاج کو دل و دماغ میں بسائے رکھا۔ میں مخلص رہوں گی تو وہ بھی خود بخود ہی ٹھیک ہوجائیں گے۔‘‘ وہ اپنے آپ کو سرزنش کےے جارہی تھی۔

’’اب تو زندگی اور بھی مکمل ہوجائے گی۔ بچے کا پیار ظفر کو مکمل میرا بنادے گا۔‘‘ جانے اور کیا کیا سوچتی رہی۔

ظفر شام کو نہیں آیا۔ انتظار میں ایک طویل وقت گزر گیا۔ وہ محوِ انتظار رہی۔ پورا گھر محوِ خواب تھا۔ جب ظفر کی گاڑی رات کے ایک بجے پورچ میں آکر رکی۔ سنگھار پھیکا پڑ گیا تھا۔ برآمدے کی سیڑھیوں میں بیٹھے بیٹھے کپڑے شکن آلود ہوچکے تھے۔ وہ بے دم سی لگ رہی تھی۔ پھر بھی اٹھی اور اس کے استقبال کو آگے بڑھی۔

’’آئےے آئےے۔ مسز ظفر رحمن۔ آپ کو شاید میرا انتظار تھا۔‘‘ الفاظ کے برعکس لب و لہجہ قطعاً نرم نہ تھا۔ ربیعہ نہ سمجھ سکی۔

’’اتنی دیر کہاں رہے آپ؟‘‘

’’نہ پوچھیں کہ کہاں رہا۔ کل آپ نے میرے لےے زحمت کی اور چند کاغذات پر دستخط کےے۔ میں نے سوچا کہ نیکی کا بدلہ دینے میں تاخیر نہیں کرنا چاہےے۔ سو میں اپنے وکیل کے پاس رات گئے تک مصروف رہا۔ آپ کے لےے کچھ کاغذات پر سائن میں نے بھی کر دےے ہیں۔ جانا چاہیں تو ابھی آپ کو چھوڑنے جاسکتا ہوں۔ اگر رات کو اپنے ممی ڈیڈی کے آرام میں مخل نہ ہونا چاہتی ہوں تو صبح چلی جائےے گا۔‘‘

’’ظفر۔۔۔!‘‘ وہ چیخ اٹھی۔

’’چلّانے کی ضرورت نہیں۔ آپ آزاد ہیں اور اس میں آپ کا متردد ہونا فضو ل ہے۔ ہم دونوں ایک دوسرے کی خوشیوں کی راہ میں دیوار ہیں۔ میں روشن سے شادی کروں گا آپ فرہاج علی خان کے گلشن کی بہار بن جائےے گا جو آپ کے فراق سے گھبرا کر سات سمندر پار چلا گیا ہے۔‘‘

وہ اپنی جگہ پر اچھل کر رہ گئی۔ وہ آج تک یہی سمجھتی رہی تھی کہ کسی کو اس کی خبر نہیں لیکن وہ تو سب جانتا تھا۔ جانے کب سے۔

’’ظفر۔۔۔! پلیز اس بچے کی خاطر۔۔‘‘

’’کیا۔۔۔؟‘‘ سخت بے رحم لگ رہا تھا وہ۔

’’بچوں کو باپ کی شفقت کی ضرورت ہوتی ہے۔‘‘

’’مگر ابھی سے نہیں۔ جب اس دنیا میں آیا تو اسے اپنی شفقتوں کا سایہ دے دوں گا۔ رکھ لوں گا اپنے پاس۔‘‘ وہ مسکرا رہا تھا۔ گویا کسی مذاق کا جواب مذاق سے دے رہا ہو۔

’’میں طلاق نہیں لوں گی ظفر! ایک شریف لڑکی کی شادی زندگی میں ایک بار ہی ہوتی ہے۔ مجھے داغ دار نہ کرو۔ ڈیڈی یہ صدمہ برداشت نہیں کریں گے۔‘‘

’’کیسے نہیں کریں گے بلکہ انہیں تو اور بھی بہت کچھ برداشت کرنا ہوگا اور تم طلاق کیسے نہیں لوگی۔ مت بھولو کہ اس کا سارا اختیار مجھے ہے۔ چاہتا تو پہلے دن ہی تمہیں آزاد کر دیتا۔ لیکن اپنے پاپا کی توہین کا تاوان تو وصول کرنا ہی تھا۔ اچھا مجھے تو سخت نیند آرہی ہے۔ روشن کو لینے گیا تھا۔ ملتان سے بہاولپور تک فاصلہ بھی خاصا ہے۔ تھک گیا ہوں۔ اللہ حافظ۔‘‘

وہ کوریڈور میں داخل ہوگیا۔ غیر متوقع صورت حال پر ہراساں و پریشان کتنی ہی دیر وہیں کھڑی رہی۔ پھر کوریڈور میں آکر اس نے ظفر کی ماں کے کمرے پر دستک دی۔

دروازہ بڑی دیر بعد کھلا تو وہ دروازے کے سامنے کھڑی زار و قطار رو رہی تھی۔

’’کیا بات ہے؟ کیا ہوا؟‘‘ نائٹ گائون کو سنبھالتے ہوئے وہ اس سے مخاطب ہوئیں۔

’’مما! ظفر نے مجھے طلاق دےدی۔ مما! خدا کے لےے آپ انہیں روک لیں۔ میں اس گھر سے نہیں جائوں گی۔ میں طلاق قبول نہیں کروں گی۔‘‘

انہوں نے اطمینان سے اس خبر کو سنا۔ نہ انہیں حیرانی ہوئی نہ اچنبھا۔

’’تو کیا ہوا؟ جب حالات ایب نارمل ہوں ایسا ہو ہی جایا کرتا ہے۔میرے بیٹے کی خوشی جس بات میں ہو میں اسے کیسے روک سکتی ہوں اس بات سے۔ یہ تو تمہارے انکل نے زبردستی ان کا ناتا جوڑ دیا ہے۔ روشن اسے ہمیشہ پسند رہی ہے اور اس کی خالہ کی بیٹی بھی ہے وہ ۔‘‘

’’آپ۔۔۔ آپ بھی ان کی حمایت کر رہی ہیں۔ میں انکل سے بات کروں گی۔ کہاں ہیں وہ؟‘‘

’’ان سے بات کرنے کی ضرورت نہیں۔ یہ سب کچھ ان کی اجازت کے بعد ہی ہوا ہے۔ عازم کا ہماری بیٹی کو ٹھکرا کر چلے جانا کوئی ایسا صدمہ نہیں تھا کہ جو اتنی جلد فراموش کر دیتے ہم لوگ۔ شور مچانے سے کچھ نہیں ہوگا۔ پڑ کر سوجائو۔ صبح چلی جانا اپنے گھر۔ تمہارا باپ اس کے بدلے میں زیادہ سے زیادہ یہی کرے گا کہ شانزہ کو طلاق دلوادے تو ہمیں اپنے بیٹے کی خاطر یہ بھی منظور ہے۔‘‘

کچھ کہنا سننا فضول ہی تھا۔ پھر وہ اندر گئی ہی نہیں۔ بقیہ رات بیرونی برآمدے میں گریہ وزاری کرتے ہی گزار دی اور صبح دم گھر چلی آئی۔

سرفراز احمد یہ خبر سننے کے بعد سکتے کے عالم میں بیٹھے کے بیٹھے رہے۔ پھر انہوں نے دونوں ہاتھوں سے دل تھام لیا۔ یہ حادثہ جانکاہ ہی تھا۔ یہ تو نہیں سوچا تھا انہوں نے۔ ایسا کب چاہتے تھے وہ۔ بیٹی تو بلاشبہ انہیں عزیز تھی۔ بس جھوٹے نام و نمود کی خاطر۔ غربت سے نفرت کے اظہار کے طور پر انہوں نے ہم پلّہ دوست سے ناتا جوڑ لیا تھا جسے وہ اپنا عزیز ترین دوست اور مخلص و ہمدرد سمجھتے تھے جس کا شرابی اور جواری بیٹا انہیں ساری دنیا سے زیادہ شریف نظر آتا تھا۔ وہ دولت جس کا غرور انہیں جھک کر اپنے سے کمتر علی اکبر اور علی اصغر کو دیکھنے کی اجازت نہ دیتا تھا۔ وہ دولت رحمن زیدی نے بڑی خوب صورتی کے ساتھ ان سے چھین لی تھی۔ یہ محل جس کے سائے میں رات وہ میٹھی نیند سوئے تھے اب ان کا نہیں ظفر رحمن کے بیٹے اور بیٹی کا تھا۔

ان کی بیٹی کسی اُجاڑ درخت کی طرح خزاں رسیدہ گلشن کی طرح ان کے سامنے تھی۔ اسے سینے سے لگانے کے بعد انہیں رونے کی مہلت بھی نہ ملی اور زبردست ہارٹ اٹیک نے انہیں آگھیرا۔ اسی وقت انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔ علی اکبر اور علی اصغر یہ خبر پاتے ہی تمام گلے شکوے مٹا کر ان کے پاس چلے آئے۔ ساجدہ بیگم اور ربیعہ کو سنبھالا۔ اسمائ اور شبانہ سرفراز احمد کے سرہانے موجود رہیں۔ علی اکبر علاج معالجے اور دوائوں کے لےے سرگرم رہے۔ بڑی دیر بعد سرفراز احمد نے آنکھیں کھولیں اپنے ارد گرد ان سب لوگوں کو دیکھ کر آنکھیں دوبارہ بندکرلیں۔ اب کون جانے یہ برہمی کا اظہار تھا یا شرمندگی کا۔

شانزہ تو صبح ہی سرفراز احمد کی بیماری کا سننے کے بعد ہی گھر چلی گئی تھی یہ کہہ کر کہ سمیع جب ضرورت محسوس کرے طلاق نامہ بھجوادے وہ اب اس گھر میں نہیں رہے گی۔

سمیع پر ایک ساتھ ہی کئی مصیبتیں آپڑی تھیں۔ ڈاکٹروں کی ان تھک کوشش مشیت کے حکم میں مداخلت نہ کرسکی۔ شایدسرفراز احمد پچھتاوے کے لےے زندہ رہ کر علی اکبر کے سامنے، ربیعہ کے سامنے، سمیع کے سامنے نظریں نہ جھکاسکتے تھے۔ اعترافِ جرم کے طور پر تبھی تو مہر بلب مر گئے۔ دنیا چھوڑ گئے۔ ربیعہ کی نظروں میں دور دور تک اندھیروں کے سوا کچھ بھی نہ رہا۔

ز ز ز ز

گھور اندھیروں میں، مایوسیوں کی دھول میں عمران امید کی کرن بن کر دنیا میں آیا۔ وہ شہر چھوڑ دیا تھا سمیع نے۔ کرتے بھی کیا وہاں رہ کر۔ ڈیڈی کے بینک بیلنس سے بڑا نہیں تو درمیانے درجے کا کاروبار شروع کر دیا انہوں نے۔ شانزہ کے بارے میں انہیں کچھ خبر نہ تھی۔ ساجدہ بیگم سرفراز احمد کے بعد زیادہ عرصہ جی نہ سکیں اور ربیعہ کے لےے صرف سمیع کی ذات ہی آسرا رہ گئی۔ سرفراز احمد کی وفات کے چار ماہ بعد اسمائ لندن چلی گئی۔

عازم اور فرہاج دونوں کے بارے میں کچھ خبر نہ تھی۔ بس اتنا علم ہوا تھا کہ عازم نے اسمائ سے ٹیلی فون پر نکاح کرنے کے بعد اسے وہیں اپنے پاس بلوالیا۔ وہ کہاں تھے، کس حال میں تھے، سمیع اور ربیعہ دونوں بے خبر تھے۔ ظفر نے بھول کر بھی عمران کو دیکھنے کی خواہش نہ کی۔ اسے اپنے پاس بلانے یا رکھنے کا دعوا تو دور کی بات ہے۔ وہ اپنی نئی دنیا میں موجود روشن اور اس کے بچوں میں مگن تھا تب اچانک گاڑی کے حادثے میں وہ فوت ہوگیا۔

بڑے عرصے بعد جب سمیع شانزہ کو طلاق دے چکے تھے ربیعہ انہیں دوبارہ گھر آباد کرنے پر بمشکل آمادہ کر سکی۔ اس عرصے میں شبانہ اور شاہانہ اپنے اپنے گھروں میں خوش و خرم زندگی بسر کر رہی تھیں۔

زبیدہ متوسط طبقے کی ایک با حیائ ، باکردار اور خوب صورت لڑکی تھی۔ مدت بعد اس کے دم سے گھر میں رونق لوٹ آئی۔ ان کے بچے عمر ان کی تنہائیوں کے ساتھی بنے تو فضا میں ننھے منّے قہقہے جل ترنگ بجانے لگے۔

زندگی کا سفر رواں دواں ہی رہا۔ بہت کچھ بھول گئی ربیعہ بہت کچھ۔ اب اسے صرف عمران یاد تھا۔ عمران کی تربیت پر اس نے بہت محنت کی تھی۔ جو کچھ اسے سارے زمانے سے نہ ملا تھاوہ عمران سے پانے کی تمنا بلکہ یقین تھا اسے۔ دولت اور دولت مندوں سے الرجک تھی وہ۔ دولت انسان سے انسان کی پہچان چھین لیتی ہے۔ سمیع بھائی بہت اچھے انسان تھے لیکن اس کے ساتھ ہی بزدل بھی تھے۔ بزدل ہی تھے تبھی تو ظفر سے ، شانزہ سے ٹکر نہ لے سکے۔ ظلم کے خلاف آواز بلند نہ کر سکے۔

پھر بھی ان کے احسان ربیعہ کی ذات پر کم تو نہ تھے۔ اگر وہ نہ ہوتے تو زندگانی اتنی سہل نہ ہوتی۔ سمیع نے زندگی کی ہر خوشی اس کے ساتھ شیئر کی تھی۔ اپنی ذات کے مفاد پر اس کی ذات کو ترجیح دی تھی۔

اس کے سکھوں کی خاطر ایسی قربانیاں دی تھیں جن کا بار ربیعہ کبھی نہ اتار سکتی تھی۔خوشیوں کی خوش رنگ تتلیاں پکڑ کر اسے لاتھمائی تھیں۔ راہ کی صعوبتوں سے نبرد آزما ہونے کے بعد منزل پر آگئی تھی۔ لیکن یہاں اچانک بڑے سالوں بعد فرہاج علی خان نظر آگئے۔ فرہاج علی خان ڈائریکٹر ایف آئی اے بہت بڑا نام تھا۔ بہت اونچا مقام تھا۔ فرہاج علی خان نے ہر چیز حاصل کرلی تھی۔ سوائے ماضی کی ایک آواز ربیعہ کے۔

چین دیکھنے کے بعد ربیعہ نہ پاسکی تو بے قرار فرہاج علی خان بھی رہے۔ اپنے وعدوں کی بازگشت انہیں ستاتی رہی۔ کتنے مجبور تھے فرہاج علی خان۔ ایک نظر بھر کر بھی ربیعہ کو دیکھنے کے حق دار نہ رہے تھے۔ وقت بہت آگے نکل آیا تھا۔ گو رشتوں کی اہمیت آج بھی قائم تھی لیکن یہ دور گرم جوش جذبوں کا دور نہیں تھا۔ یہ نادانی کا دور نہیں تھا کہ وہ ربیعہ کی خاطر کسی کے قدموں میں ہی گرجاتے۔ یہ دور سمجھ بوجھ اور عقل و دانش کا دور تھا۔ ربیعہ کی برباد زندگی کے بارے میں انہیں چند سال پہلے علم ہوگیا تھا۔ وہ اس کی اشک شوئی کے لےے اس تک نہ آسکے تھے لیکن آج وہ بہت بے قرار تھے۔ بہت سا قرض ان کے ذمے تھا۔ جس کی ادائیگی کا وعدہ بھی انہوں نے کر رکھاتھا۔ کیسے ادا کریں اُسے؟ کیا دیں اُسے؟

سوچتے ہی رہے اور ایک فیصلے پر پہنچ کر سکون اور شانتی محسوس کرنے لگے۔

ز ز ز ز

ثنا ربیعہ کے دل میں اتر گئی تھی۔ اب زندگی میں کوئی تبدیلی نہ آسکتی تھی سوائے اس کے کہ گھر میں پھولوں جیسی خوش رنگ، نرم و نازک ایک لڑکی اس کی بہو بن کر آجائے۔ اسے یاد تھا۔ فرہاج علی خان نے بہت سے قرض ادا کرنے کا وعدہ کیا ہوا تھا۔ آج وہ ادائیگی کے قابل ہیں تو کیوں نہ میں ان سے مطالبہ کردوں۔

ربیعہ نے بھی فیصلہ کرلیا۔ اس بات نے حد درجہ سکون بخشا۔ ثنا کی صورت میں وہ روٹھی ہوئی خوشیاں پالے گی۔

دوسرے دن وہ کسی کو بتائے بغیر ہی فرہاج علی خان کے گھر چلی گئی۔ ویک اینڈ تھا۔ وہ گھر پر تھے۔ گیٹ پر دو مستعد اور باوردی پولیس مین کھڑے تھے۔ ربیعہ نے عمران کا کارڈ اندر بھیجا تو فرہاج علی دوسرے پل اس کے استقبال کے لےے گیٹ پر آگئے۔

’’معذرت خواہ ہوں کزن! یہ فارملٹیز تمہاری راہ کی دیوار بن گئیں۔‘‘ اس وقت اسے وہی راج لگ رہا تھا جو کبھی اس کا اپنا تھا۔ کرتے کے ادھ کھلے گلے میں سے پلاٹینیم کی چین نظر آئی تو ربیعہ کا دل دھڑک دھڑک گیا۔ ساتھ ساتھ چلتے وہ اندر آگئے۔

’’حمیرا۔۔۔! بھئی ادھر آئو۔ دیکھو نا کون آیا ہے۔‘‘

فرہاج علی خان نے حمیرا کو آواز دی تو ثنا بھی دوڑی چلی آئی اور آکر اس سے لپٹ گئی۔

’’اتنے دنوں بعد آئیں آپ! میں آپ کو بے حد مس کر رہی تھی۔ ڈیڈی کو تو فرصت ہی نہیں ملتی۔ ممی ہمیشہ سے گھر کے دھندوں میں ہی گم رہتی ہیں اور وہ عمران بھائی تو اس دن کے بعد لوٹ کر آئے ہی نہیں۔‘‘ وہ اپنی کہے گئی۔

سب ہنسنے لگے۔ ربیعہ نے اس کی پیشانی چوم لی۔

’’کوئی بات نہیں۔ میں بیٹی کا شکوہ دور کرنے آئی ہوں۔‘‘

بڑی دیر وہ چاروں ڈرائنگ روم میں باتوں میں مشغول رہے۔ پھر حمیرا کچن میں چلی گئی۔ ثنا کی کوئی دوست آگئی۔

ڈرائنگ روم میں وہ اور فرہاج تھے۔ ربیعہ کو آغاز کے لےے مدعا کے اظہار کے لےے الفاظ ہی نہ مل رہے تھے۔ کیسے کہے۔ کیا کہے۔

’’کبھی آپ پر ایک قرض کا بوجھ ہوا کرتا تھا فرہاج علی خان!‘‘ وقت نے دونوں کے درمیان پھر فاصلہ پیدا کر دیا تھا۔

فرہاج نے چونک کر اس کی طرف دیکھا۔

’’ذرّہ ذرّہ یاد ہے ربیعہ! بیتی زندگی کا لمحہ لمحہ میرے حساب میں رقم ہے۔‘‘

فرہاج علی خان جانے کیا بتانا چاہتے تھے۔ کیا جتانا چاہتے تھے۔

’’مگر افسوس ہے ربیعہ! کہ وعدے نبھا نہ سکا۔ تمہارا تو بہت سارا حق ہے مجھ پر ۔ جو کچھ دے سکتا ہوں وہ تو لے لو۔ شاید اسی میں ہی قرض ادا ہوجائے۔‘‘

’’کیا دیں گے آپ؟‘‘ ربیعہ نے پر امید ہو کر پوچھا۔

’’اپنی بیٹی۔۔۔ وہ تمہاری بہو بن گئی تو مچلتے تڑپتے دل کو قرار مل جائے گا۔ شاید اس خوشی کی صورت ہم خوشیاں پالیں۔‘‘

ربیعہ نے آنسوئوں کی یلغار کو روکنا چاہا کئی موتی دامن میں آگرے۔

’’میں بھی یہی مانگنے آئی تھی آج۔ آپ نے میرے دل کی بات جان لی۔ آپ کو کیسے خبر ہوگئی میری آرزو کی؟‘‘

فرہاج علی بڑی دیر چپ رہے۔ چھت کو گھورتے رہے پھر ربیعہ کی طرف دیکھا۔

’’تم میرے دل میں جو رہیں ربیعہ! کیسے نہ جان پاتا تمہاری آرزو۔‘‘ بہت بڑی کائنات بخش دی تھی تھوڑے سے لفظوں نے۔

حمیرا کو بھی اس سنجوگ پر خوشی تھی۔ فرہاج کے کہنے پر حمیرا مٹھائی لے آئیں اور اپنے ہاتھوں برفی کا ٹکڑا ربیعہ کے منہ میں ڈالا۔ عمران، حمیرا کو بھی اچھا لگتا تھا۔ شام کو وہ گھر لوٹ آئی۔ عمران گھر پر نہ تھا۔ اس نے یہ خبر زبیدہ بھابھی اور سمیع بھائی کو بھی سنائی۔ دونوں خوش ہوئے بلکہ رازداری پر سمیع بھائی نے جھوٹ موٹ خفگی کا اظہار بھی کیا۔ وہ جلد از جلد عمران کو یہ خوش خبری سنانا چاہتی تھی۔

رات گئے وہ لوٹا تو کھانا باہر سے ہی کھا کر آیا تھا۔ بے حد خوش تھا۔

’’ارے مما! آپ میرے لےے اتنی رات نہ جاگا کریں۔ مجھے تکلیف ہوتی ہے۔‘‘

’’میں بھی سوچ رہی ہوں۔ اب میرے بجائے کسی اور کو تمہارا انتظار کرنا چاہےے۔‘‘ وہ مسکرائی دوستانہ انداز میں۔

’’ونڈر فُل مما! ویری گڈ آئیڈیا۔ پھر کب چل رہی ہیں آپ؟‘‘ ربیعہ خوش ہوگئی۔ عمران ثنائ کا ذکر ہی کرنے والا تھا۔

’’کہاں؟‘‘ وہ یہ کہہ کر اس کے لبوں سے ثنا کا نام سننا چاہتی تھی۔

’’نوین کے گھر۔ میرا مطلب ہے مما! وہ آپ کی ہونے والی بہو۔‘‘ وہ گڑبڑا سا گیا۔ پھر اس نے ربیعہ کے گلے میں بانہیں ڈال دیں۔

’’بڑے دنوں سے سوچ رہا تھا آپ سے ذکر کروں۔ لیکن ہمت ہی نہ کر سکا۔ وہ میرے دوست کی بہن ہے مما! بہت اچھی لڑکی ہے۔ آپ کے اعلیٰ ترین معیار پر پوری اترے گی۔ اس لےے کہ وہ آپ کے بیٹے کی پسند ہے۔‘‘

’’مگر بیٹے۔۔۔!‘‘

’’کیا بات ہے مما؟ آپ چپ ہوگئیں۔‘‘ ابھی تو آپ خود کہہ رہی تھیں کہ اب کسی اور کو میرا انتظار کرنا چاہےے اور میں یہ کہتا ہوں کہ ساتھ ہی آپ کی خدمت بھی کرنا چاہےے کسی اور کو۔‘‘

ربیعہ بہت دور ماضی میں کھو گئی۔ اس کے لب یہ کہتے کہتے رک گئے کہ ماں باپ اولاد کے لےے بہتر فیصلہ کرتے ہیں۔

وہ عمران کی طرف دیکھنے لگی۔ جس کی خوشیوں کی خاطر اس نے پہاڑ جیسی جوانی خزائوں کے سائے میں کاٹ دی تھی۔ وہ جانتی تھی اس کا بیٹا اس کی خاطر اپنا فیصلہ بدل ڈالے گا لیکن کیا وہ خوش بھی رہ سکے گا؟ بے شک ثنا ایک غیر معمولی لڑکی تھی۔ ربیعہ کی نگاہ میں اس کی سب سے بڑی خوبی فرہاج کی بیٹی ہونا تھی لیکن عمران اگر واقعی نوین کے معاملے میں سنجیدہ ہے تو ثنا زندگی بھر اس کی پوجا کرنے کے بعد بھی اس کے دل میں مقام حاصل نہیں کر سکتی۔ اسے ظفر کے ساتھ بیتا ایک سال یاد آگیا۔

’’بیٹے! تم نوین کے لےے سنجیدہ ہو؟‘‘

’’مما۔۔! کیا بتائوں آپ کو۔ کیا کہوں۔ بس اتنا کہ وہ وہی ہے جس کی مجھ جیسا ایک مرد تمنا کر سکتا ہے۔‘‘ ربیعہ کی الجھنوں، پریشانیوں اور مایوسیوں کی بھنک بھی نہ پڑی تھی عمران کو۔

’’میرے بچے۔۔‘‘ ربیعہ نے اسے گلے لگالیا۔ اس کے گھنیرے سیاہ بالوں والے سر کو چومتے ہوئے وہ اس سے بولی۔

’’مائیں اولاد کی خوشیوں کی خاطر ہی زندہ ہوتی ہےں۔ اگر نوین کے والدین کو کوئی اعتراض نہ ہو تو ہم کل ہی تمہاری بات لے کر جائیں گے۔‘‘

ایک اور رات پھر سوچوں کی نذر ہوگئی۔ وہ فرہاج علی خان کو کیا جواب دے گی۔ جلد بازی تو اسی کی تھی۔ غلطی تو اس نے ہی کی تھی۔ عمران سے پوچھے بغیر چلی گئی تھی۔ معذرتی الفاظ سوچتے سوچتے صبح ہوگئی۔ کسی کی بیٹی کو پسند کر کے ٹھکرا دیا بہت بڑا اخلاقی جرم تھا۔ انجانے میں ہی یہ جرم اس پر لاگو ہونے والا تھا بلکہ لاگو ہوگیا تھا۔ لیکن فرہاج کا سامنا کرنے کی ہمت اس میں نہ تھی۔ اس نے سوچا وہ فرہاج کی عدم موجودگی میں حمیرا کو سب کچھ بتا کر لوٹ آئے گی۔

وہ تیار ہوئی اور گیٹ سے باہر نکلی ہی تھی کہ فرہاج علی خان کی گاڑی گیٹ پر آکر رکی۔

جس بات سے ڈر رہی تھی وہ پیش آگئی۔ وہ گھبرا گئی۔ خوف زدہ ہوگئی۔

’’آپ کیسے آئے؟‘‘

فرہاج علی خان نادم نادم سے گاڑی سے اترے ہی تھے کہ اس نے سوال کیا۔

’’تم کہاں جارہی ہو ربیعہ؟‘‘ وہ ان کے سوال پر اور زیادہ گھبرا گئی لیکن جھوٹ نہ بول سکی۔

’’آپ کے گھر۔‘‘

’’صبح ہی صبح۔‘‘ وہ گیٹ پار کر آئے۔

’’جی کچھ کام تھا۔‘‘

’’مجھ سے؟‘‘

’’جی۔۔۔ جی ہاں۔‘‘

’’میں بھی تمہارے پاس آیا تھا کزن! مجھے کچھ کام تھا تم سے۔‘‘

ربیعہ نے ساتھ ساتھ چلتے ان کی طرف دیکھا اور خاموش رہی۔ ڈرائنگ روم میں آکر ربیعہ کے کہنے کے باوجود وہ کھڑے ہی رہے۔

’’ربیعہ ! کل میں نے قرض کی ادائیگی کا ذکر کیا تھا۔ تمہارے جانے کے بعد میں نے اپنے آپ کو ٹٹول کر دیکھا۔ تمہارے معاملے میں تو میں آج بھی غریب ہوں۔ بے مایہ ہوں۔ تمہارا قرض ادا نہیں کر سکتا۔ خوشیاں آنے بہانے نہیں ملا کرتیں ربیعہ! مقدر ہوتیں تو ہم دونوں پالیتے۔ مانگے سے کچھ نہیں مل سکتا ربیعہ! مجھے معاف کرنا۔ میں نے تم سے غلط بیانی کی۔ میں ہمیشہ سے اس بات کا قائل رہا ہوں کہ انسان کو زندگی اپنی مرضی سے گزارنے کا اختیار ہو۔ اپنی محرومیوں کی سزا میں اپنی بیٹی کو نہیں دے سکتا۔ اس کی لاش پر پرانی ناتمام آرزوئوں کی عمارت نہیں بنا سکتا۔ وہ اور فرخ ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں۔ فرخ عازم کا بیٹا ہے نا اور دونوں نے بچپن بلکہ لڑکپن ایک ساتھ ہی گزارا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ میرے اس فیصلے پر تم ضرور مجھے معاف کردو گی۔ پھر بھی میں تم سے شرمندہ ضرور رہوں گا ربیعہ۔۔۔! عمر بھر۔‘‘

وہ نظریں جھکائے کھڑے تھے۔ ربیعہ سے یہ شرمندگی زیادہ دیر نہ دیکھی گئی۔

’’آپ نے ایک اچھا فیصلہ کیا فرہاج! آپ شرمندہ کیوں رہیں گے۔ میں بھی تو یہی کہنے آپ کے پاس آرہی تھی کہ ایک دل کے سکون کی خاطر میں بیٹے کی زندگی بے سکون نہیں کروں گی۔‘‘

فرہاج نے بے یقینی سے اس کی طرف دیکھا۔

’’ضروری تو نہیں کہ جو کچھ ہم سوچیں، وہی ہماری اولاد بھی سوچے۔‘‘

’’ربیعہ۔۔۔ ربیعہ۔۔۔ ربیعہ۔۔۔!‘‘ وہ جانے کیا کہنا چاہتے تھے۔

’’آپ خوامخواہ پریشان ہو کر میرا دل آزردہ کر رہے ہیں۔ میرا کوئی قرض آپ کے ذمے نہیں ہے۔ وہ قرض تو کل یہ دیکھ کر میں نے وصول کرلیا تھا کہ آپ نے محبت کے دستور کو اپنی زندگی میں شامل رکھا۔‘‘ اس نے زبردستی مسکراتے ہوئے فرہاج کے گلے کی طرف اشارہ کیا۔ اس طرف جہاں سے ربیعہ کی دی ہوئی چین تھوڑی سی نظر آرہی تھی۔

’’کیا یہ اس بات کا ثبوت نہیں کہ آپ نے مجھے زندگی بھر یاد رکھا۔ ایک عورت کو اس سے زیادہ چاہےے بھی کیا کہ وہ ایک دل کی سدا بہار آرزو بن کر زندہ رہے۔‘‘

فرہاج نے بھی دل میں تسلیم کرلیا تھا کہ۔۔۔

’’محبت ان ہی جھوٹی تسلیوں اور بہلاووں کے سوا کچھ بھی نہیں۔‘‘

اندر سمیع کے بچوں نے ٹیپ ریکارڈ فل والیوم پر چلا دیا تھا۔ لتا کی آواز باہر جاتے فرہاج علی خان کے قدموں کی زنجیر بنتی گئی۔

جانے کیوں لوگ محبت کیا کرتے ہیں

دل کے بدلے دردِ دل لیا کرتے ہیں

مگر انہوں نے تو لیا بھی دردِ دل ہی تھا اور دیا بھی دردِ دل تھا۔

محبت کائنات کی سب سے بڑی حقیقت ہوتے ہوئے بھی سدا ایک جرم ہی رہی ہے اور مجرم کو جرم کے بدلے میں سزا ہی ملتی ہے جزا نہیں۔

*****

اس تحریر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں