کوشش بے سمت – فوزیہ یاسمین

2

مجھ میں ان گنت خوبیاں ہیں بس ایک ہی خامی ہے ۔ خامی۔۔۔ ! خامی نہیں۔۔۔ کمی۔۔۔ خامی تو مجھ میں کوئی ہو ہی نہیں سکتی، ہاں تو مجھ میں بس ایک کمی ہے میں بھولتی بہت ہوں۔

اب آپ یہ مت سمجھ لیجےے گا کہ میں کوئی عمر رسیدہ خاتون ہوں ابھی تو میں نے سولہ ساون پورے کےے ہیں۔ بھئی تین چار سال کم کےے بغیر تو کوئی بھی لڑکی اپنی عمر نہیں بتاتی تو کیاہوا جو میں نے بیس سال کی عمر میں خود کو سوئیٹ سکسٹین بتا دیا اور پھر میں نے کہا نا میں بھولتی بہت ہوں اگر کبھی اپنی عمر کم بتا بھی دیتی ہوں تو لوگ یہ سوچ کر نظر انداز کر دیتے ہیں کہ زوہا کی یادداشت ذر اکمزور ہے لیکن ان لوگوں میں میرے تایا کی بیٹی شمامہ ہرگز شامل نہیں ، تب ہی میرے بیک کےے کیک کو دیکھ کر ہنسی سے لوٹ پوٹ ہوئی جارہی تھی جسے اوون میں رکھنے کے بعد میں اپنی عادت کے مطابق بھول بھال گئی بلکہ گھر سے بھی چلی گئی اور جب واپس لوٹی تو تائی امی کی خوں خوار نظریں دیکھ کر پہلے تو میں صد ا کی معصوم یہی سمجھی کہ میری چوری پکڑی گئی مگر صد شکر کہ بھولپن کے عالم میں منہ سے کوئی بھی جملہ نکالنے سے پہلے ہی مجھ پر یہ اصلیت کھل گئی کہ ان کا یہ غصہ میرے سائیکل لے کر جانے پر نہیں بلکہ کیک کے جل جانے پر ہے۔

ارے ارے اتنا چوکنے کی ضرورت نہیں، یوں تو میں سرتاپا حیران کر دینے والی خوبیوں سے مزین ہوں لیکن میرے چند نادر ہنر میں سے ایک کمال یہ بھی ہے کہ میں سائیکل چلانے میں بڑی ماہر ہوں مگر فن اور فنکار کے بیچ ظالم سماج ہمیشہ تنقید نگار کی طرح حائل رہتا ہے لہٰذا میرا یہ کارنامہ بابا جان سمیت تایا ابا کی بھی پوری فیملی کو ایک آنکھ نہیں بھاتا تھا اس لےے مجھے مجبوراً ان سے آنکھ بچا کر اپنے اس شوق کو پورا کرنا پڑتا تھا لیکن اس آنکھ مچولی میں، میں ان کی آنکھوں میں دھول جھونکنے میں تو کامیاب ہوجاتی ہوں مگر اس کے بعد خود مجھے کئی معاملات سے چشم پوشی کرنی پڑتی تھی جیسے اس وقت بھی میں جلے ہوئے کیک سے طوطا چشم بنتے ہوئے مکمل انجان بن گئی۔

’’تائی امی مجھے نہیں پتا یہ کیک کس نے اوون میں رکھا، آپ تو مجھے جانتی ہیں مجھے بیکنگ اور کوکنگ سے کوئی رغبت نہیں۔‘‘

میں نے معصومیت سے آنکھیں پٹپٹائیں میری پوری کلاس کا کہنا تھا کہ میرے چہرے پر بلا کا بھولپن ہے، ارے مطلب تو ایک ہی ہے نا کیا فرق پڑتا ہے اگر وہ لوگ بھولپن کے بجائے حماقت کا لفظ استعمال کر لیتے ہیں، حسد کے ہاتھوں مجبور ہو کر انسان لفظوں کا ہیر پھیر کر ہی لیتا ہے مگر میرے جیسے عقل مندوں کے سمجھنے کے لےے اشارہ کافی ہوتا ہے چنانچہ اپنے چہرے پر برستی معصومیت کا پورا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے میں جو بھی کہتی میری کزن شمامہ ایسی ہر کوشش پر بڑی فراخ دلی سے پانی پھیر دیتی اس وقت بھی تائی امی میرے بنائے بہانے پر سوچ میں پڑنے والی تھیں کہ شمامہ نے کھلکھلاتے ہوئے میرا ایک اور بھانڈا پھوڑ دیا۔

’’ہاں ہمیں پتا ہے تمہیں صرف سائیکلنگ سے رغبت ہے تب ہی شاہد کے ٹیوشن پر جاتے ہی اس کی سائیکل لے کر نکل گئیں۔‘‘ شاہد، شمامہ کا چھوٹا بھائی ہے ، کتنے ظلم کی بات تھی کہ بڑی ہونے کے باوجود مجھے اپنا شوق پورا کرنے کے لےے گھر کے بچے کی سائیکل چرانی پڑتی تھی مگر تائی امی کا دل اس زیادتی پر اللہ کے خوف سے لرزنے کے بجائے ان کی زبان غصے سے برسنے لگی۔

’’یہ کوئی عمر ہے سائیکل چلانے کی، کیا سوچتے ہوں گے محلے والے ایک جوانی لڑکی کو سائیکل پر دیکھ کر، زوہا تم کیوں دنیا کو یہ تاثر دینا چاہتی ہو کہ تم بن ماں کی بچی ہو اس لےے تمہاری تربیت ٹھیک طریقے سے نہیں ہوئی۔‘‘ اپنے طور پر انہوں نے بڑا درد بھرا جملہ کہا تھا مگر میں نے بمشکل اپنی پل پڑنے والی ہنسی کو روکا۔

میں یقینا بن ماں کی بچی تھی اور میرے بابا جان کے پاس بھی میری تربیت کے لےے وقت نہیں تھا مگر میری کزن شمامہ تو ماں کے زیرِ سایہ پرورش پارہی تھی پھر بھی وہ مجھے خود سے کسی بھی لحاظ سے بہتر نہیں لگتی تھی بس ایک شکل کو چھوڑ دیں۔

اتنی خوش فہمیوں کے باوجود میں اس حقیقت کو نہیں جھٹلا سکتی تھی کہ وہ مجھ سے زیادہ حسین تھی خوب صورت تو میں بھی بہت ہوںمگر شمامہ والی بات نہیں تھی اور تکلیف دہ بات یہ تھی کہ وہ بھی اس حقیقت سے واقف تھی۔ میرے بال بہت زیادہ گھنگھریالے تھے جبکہ اس کے شیمپو کے اشتہار کی مکمل ترجمانی کرتے برائون سلکی نرم ملائم سلجھے ہوئے بال، اس کی چمکتی دمکتی رنگت کے ساتھ مل کر اسے سچ مچ کی ایک ایسی اشتہاری ماڈل بنا دیتے تھے جسے دیکھ کر یہ گمان ہوتا کہ چاروں طرف سے ساری لائیٹ اسی پر ڈالی جارہی ہو۔

اس کا اتنا حسن دیکھ کر میرے سینے پر اکثر سانپ لوٹتے تھے مگر میں خود کبھی آستین کا سانپ بن کر اسے ڈس نہیں سکی تھی کیونکہ یہ کارنامہ شمامہ انجام دینے سے باز آتی تو مجھے موقع ملتا نا۔

اسے دیکھ کر یقین ہوتا تھا کہ واقعی ہر چمکتی چیز سونا نہیں ہوتی کیونکہ تائی امی سے ڈانٹ پڑوانے کے بعد رات کو کھانے کی میز پر اس نے بابا جان کو بھی تازہ تازہ خبر سے آگاہ کر دیا ۔

’’چچا جان آج پھر زوہا، شاہد کی سائیکل لے کر مٹرگشت کرنے نکل گئی۔‘‘ پانی پیتے وقت مجھے اچھو ہوگیا تھا جبکہ تایا اور بابا جان مجھے ایسے دیکھنے لگے جیسے میں ان کے متوقع سوالوں کے جواب سے بچنے کے لےے کھانسنے کا ڈرامہ کر رہی ہوں، ان کی مشکوک نظروں کا مطلب سمجھ کر میں نے فوراً اپنی صفائی پیش کرنی چاہی۔ اس بات سے قطع نظر کہ حلق ابھی آواز کو باہر نکالنے کے قابل نہیں ہے چنانچہ میں اور بھی زور زور سے کھانسنے لگی جسے میری شرارت سمجھتے ہوئے بابا جان نے اپنا پسندیدہ جملہ دوہرادیا۔

’’زوہا! آخر تم کب بڑی ہوگی؟‘‘ کھانستی رکتی تو یہ ہی سوال میں خود سے ایک سال بڑی شمامہ سے بھی پوچھتی جو اب دل جلانے والی مسکراہٹ کے ساتھ مجھے دیکھ رہی تھی اور تو اور شاہد بھی کھانا چھوڑ کر مجھے گھورنے لگا تھا۔

’’ا س کا مطلب ہے آپ نے پھرمیرے کپڑے بھی پہنے ہوں گے۔‘‘ گلے کو آتا تھوڑا آرام بھی شاہد سے برداشت نہ ہوا اس کے جملے پر مجھے پہلے سے بھی زیادہ شدید پھندہ لگ گیا۔

’’کیا مطلب؟‘‘ تائی امی نے چونک کر شاہد سے پوچھا۔

’’زوہا باجی میرے کپڑے پہن کر اور ہیلمٹ لگا کر سائیکل چلاتی ہیں تاکہ کسی کو پتا نہ چلے کہ سائیکل ایک لڑکی چلارہی ہے لیکن ان کی اس حرکت سے مجھے محلے کے لڑکوں کے سامنے شرمندہ ہونا پڑتا ہے، وہ مجھ پر اتنا ہنستے ہیں کہ میں اتنا ڈرپوک ہوں کہ سائیکل بھی ہیلمٹ پہن کر چلاتا ہوں۔‘‘شاہد منہ بسور کر بولا۔

ان لڑکوں کی غیر ضروری توجہ سے بچنے کے لےے ہی میں نے یہ حل نکالا تھا کہ شاہد کی پینٹ شرٹ اور ڈھیلی ڈھالی جیکٹ پر ہیلمٹ پہن کر آرام سے سائیکل چلاتی اور کوئی آنکھ اٹھا کر بھی نہیں دیکھتا البتہ کبھی کبھی وہ لڑکے مجھے شاہد سمجھ کر آواز دیتے تو میں شان بے نیازی سے انہیں نظر انداز کر کے آگے بڑھ جاتی شاید اسی بات کی انہوں نے شاہد سے شکایت کی ہوگی، ہونہہ چغل خور آخر تھے نا شمامہ کے پڑوسی۔۔۔

’’یہ۔۔۔ یہ جھوٹ بول رہاہے تائی امی!‘‘ آخر اللہ جی کو ہی مجھ پر ترس آیا اور میری آواز بحال ہوگئی مگر میں نے بھی کفرانِ نعمت کرتے ہوئے فوراً جھوٹ بولتے ہوئے فرشتوں کو خود سے ایک میل دور کر دیا۔

’’چپ کرو زوہا! تمہاری بدتمیزیاں دن بہ دن بڑھتی جارہی ہیں۔ آج تمہاری وجہ سے میں نے خوامخواہ ماسی کو ڈانٹ دیا جب وہ الگنی سے کپڑے لینے گئی تو اس نے آکر کہا کہ کپڑے تو وہاں ہے ہی نہیں، ایک گھنٹے بعد جب میں وہاں سے گزری تو شاہد کے کپڑے الگنی پر موجود تھے اور انہیں دیکھ کر لگ ہی نہیں رہا تھا کہ یہ دھلے ہوئے ہیں اور ان پر استری کی گئی ہے، میں نے تو ماسی کو ڈانٹ کر رکھ دیا۔‘‘ تائی امی کا خون ابلنے لگا تھا، دھلے ہوئے کپڑوںکو یاد کر کے۔

دراصل میں سائیکل لے کر ان کپڑوں کی وجہ سے ہی نکلی تھی ورنہ میں تو کیک بیک کر رہی تھی، کیک کو مائیکروو یو اوون میں رکھ کر میں محض وقت گزارنے کے لےے لان میں آگئی تھی اور وہاں پہنچتے ہی جب میں نے شاہد کو ٹیوشن کے لےے گھر سے نکلتے دیکھا تو مجھے فوراً شاہد کی سائیکل کا خیال آیا، سائیکل لان کے پچھلے حصے میں کھڑی رہتی تھی، میں وہاں جانے لگی تو اللہ دے اور بندہ لے کے مصداق شاہد کے سوکھے ہوئے کپڑے بھی الگنی پر نظر آگئے بس پھر کس کافر کو یاد رہتا کون سا کیک اور کیسا کیک۔

اپنے کپڑوں کے اوپر وہ کپڑے چڑھا کر میں فوراً سائیکل لے کر نکل گئی اور پورے ایک گھنٹے بعد ٹھنڈی ہوائوں سے اچھی طرح لطف اندوز ہو کر جب گھر لوٹی تو سائیکل اور کپڑوں کو ایسے اپنی جگہ پر ڈال دیا کہ کسی کو شک بھی نہ گزرے مگر شو مئی قسمت کہ لوگوں کی طرح کیک سے بھی میری خوشی دیکھی نہ گئی اور وہ جل بھن کر کباب ہوگیا۔

گھر میں بھرتے دھوئیں اور بدبو نے تائی امی اور شمامہ کی بے نیازی اور لا تعلقی کو جھنجھوڑ ڈالا تب انہیں میری غیر حاضری کا علم ہوا ورنہ وہ خود میں اتنا مگن رہتی تھیں کہ میں سائیکل چلانے تو کیا کمر پر بم باندھ کر کسی کو اڑانے بھی چلی جاتی تب بھی انہیں کانوں کان خبر نہ ہوتی اور کچھ دن گزرنے کے بعد انہیں خیال آتا کہ زوہا نے تو کچن میں آکر کام میں ہاتھ بٹانا بالکل ہی چھوڑ دیا ہے۔

میں چپ چاپ تائی امی کا بڑبڑانا سنتی رہی، عادی جو ہوگئی تھی، ایک کان سے سن کر دوسرے کان سے نکالنے کی۔

’’تمہاری اگر یہی حرکتیں رہیں تو تم مجھے مہمانوں کے سامنے شرمندہ ہی کرادو گی، لوگ تو یہی کہیں گے نا کہ مرحومہ دیورانی کی ایک ہی تو اولاد تھی وہ بھی مجھ سے سنبھالی نہیں گئی۔‘‘ تائی امی نے بابا جان کے سامنے آہ بھرتے ہوئے اپنا لہجہ گلوگیر بنالیا تھا اور واقعی بات تو بڑے دکھ کی تھی کہ جس عورت سے اپنے دو بچے نہ سنبھل رہے ہوں اس پر مرحومہ دیورانی کی بچی کی ذمہ داری بھی ڈال دی جائے ، کھانے کی میز پر خشکی سے تنگ شاہد کو دونوں ہاتھوں سے سر کھجاتا دیکھ کر میں ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی بات سے سو فیصد متفق بھی ہوگئی تھی اس سے پہلے کہ وہ مزید بین کرتیں تایا ابا کے سوال نے گفتگو کا رخ موڑ دیا۔

’’کیا تمہاری والدہ بھی آرہی ہیں؟‘‘ اگر نوالہ میرے منہ میں ہوتا تو یقینا مجھے پھر پھندہ لگ جاتا کہنے کو تو تائی امی اپنی سسرال میں تھیں مگر میری امی اور دادی کے حیات نہ ہونے کی وجہ سے وہ گھر کی واحد عورت تھیں اس لےے گھر کے سیاہ و سفید کی تنہا مالک تھیں۔

ان کے میکے کے رشتے دار آرام سے ان کے ہاں آکر رہائش اختیار کرتے اور اکثر طویل قیام کرتے کیونکہ وہ دوسرے شہر سے آیا کرتے تھے۔ تائی امی کا پورا میکا لاہور میں تھا، ان کی آمد سے مجھے کوئی خاص فرق نہیں پڑتا تھا مگر ایک بات ضرور کھٹکتی تھی کہ ایک تو میرے ننھیال والے بالکل تھے نہیں۔ نانا ، نانی کا کئی سال پہلے انتقال ہوگیا تھا بس ماموں وغیرہ تھے اور انہوں نے تقریباً قطع تعلق کر لیا تھا۔ ایسے میں شمامہ اور شاہد کا اپنے ننھیال والوں کے آنے پر کھل اٹھنا مجھے سخت ناگوار گزرتا تھا۔ اس پر ستم یہ کہ اس کے ماموں وغیرہ ازراہ تکلف بھی مجھے مخاطب نہیں کرتے تھے۔ ان کی جتنی محبت دکھانے اور ناز اٹھوانے کی خواہش مند میں بھی نہیں تھی کیونکہ یہ ممکن ہی نہیں تھا مگر وہ میری خیر خیریت تو پوچھ سکتے تھے جبکہ وہ میرے وجود سے ایسے بے گانہ ہوتے تھے جیسے میں ہوں ہی نہیں اور خاص طور پر تائی امی کی والدہ کا رویہ سب سے زیادہ عجیب تھا وہ مجھے ایسے گھورتیں کہ مجھے الجھن ہونے لگتی۔

ان کے ذہن میں شروع سے یہ فتور بھرا تھا کہ ان کی بیٹی مجھ بن ماں کی بچی کی خدمتیں کر کر کے ہلکان ہورہی ہے حالانکہ بچپن میں بابا نے میری بہت اچھی گورنس رکھ دی تھی اور بڑے ہونے کے بعد میں نے اپنی ہی نہیں گھر کی بھی کئی ذمہ داریاں اٹھالی تھیں لیکن بہت عرصے بعد مجھ پر اس حقیقت کا انکشاف ہوا کہ بابا جان کے پورے خاندان میں صرف شمامہ کو سلیقہ شعار سمجھا جاتا ہے جبکہ میرے بارے میں وہی مشہور تھا جو عموماً بہوئیں اپنی ساسوں کے لےے مشہور کرتی ہیں کہ ’’ہر وقت پلنگ توڑتی رہتی ہیں کام کو تو ہاتھ تک نہیں لگاتیں۔‘‘

ظاہر ہے یہ افواہ تائی امی کے علاوہ کون پھیلا سکتا تھا۔ شروع میں دلبرداشتہ ہو کر میں نے کچن میں جان کھپا کر اس تاثر کو زائل کرنا چاہا لیکن میرا ازلی بھولپن میری راہ میں حائل ہوگیا۔ میری کی گئی محنت کا کریڈٹ جانے کیسے شمامہ کو چلا جاتا اور میں ہونقوں کی طرح تایا ابا اور بابا جان کو اسے سراہتے ہوئے دیکھتی رہتی پہلے پہل میں نے لب کشائی کرنے کی بھی کوشش کی مگر میرے اپنے بابا جان بھی مجھ پر یقین نہیں کرتے تھے اور شمامہ کی ہی طرف داری کرتے۔ ایسے میں شمامہ کے چہرے پر ایک مخصوص چمک ابھر آتی جو اس کے حسن میں مزید اضافے کا باعث بن جاتی۔

میں پہلے ہی اس کی خوب صورتی سے خائف تھی اسے مزید حسین ہوتا دیکھنا، میرے بس سے باہر تھا۔ آہستہ آہستہ میں نے تمام کاموں سے ہاتھ کھینچ لیاجس کا کسی کو احساس بھی نہیں ہوا کہ گھر میں ہر کام کے لےے ملازم موجود تھے مگر اس نتیجے میں میرا پھوہڑ پن شمامہ کے مقابلے میں اور مقبول ہوگیا لیکن مجھے اس کی فکر نہیں تھی بلکہ کسی بھی چیز کی پروا نہیں تھی۔ اس وقت بھی مجھے صرف یہ پریشانی تھی کہ تائی امی کے مہمانوں میں ان کی والدہ تشریف نہ لارہی ہوں، ان کا جواب تو میری خواہش کے مطابق تھا پھر بھی میں چونک اٹھی۔

’’نہیں، امی نہیں آرہیں، بلکہ بھائی صاحب اور بھتیجے بھتیجیاں بھی نہیں آرہے صرف بھابھی آرہی ہیں اپنی دو عدد بھابھیوںکے ساتھ۔‘‘ میں ان کی بات سن کر حیران ہوگئی تھی بھلا ان کی بھابھی کی بھابھیاں کس خوشی میں تشریف لارہی تھیں،میرے اندر مچلتے سوال کو شاہد نے زبان دے دی۔

’’یہ ممانی کی بھابھیاں کیوں آرہی ہیں ہمارے گھر؟‘‘ شاہد ناخنوں میں پھنسی خشکی کو نکالتے ہوئے جھنجھلائے ہوئے انداز میں بولا۔

’’وہ سب یہاں میرے چچا زاد بہن کی بیٹی کی شادی میں شرکت کرنے آرہے ہیں وہ بھی صرف دس دن کے لےے اور اجنبیوں کی طرح ہوٹل میں ٹھہرنے جارہے تھے بڑی مشکل سے میں نے اصرار کر کے انہیں گھر پر رکنے کے لےے تیار کیا ہے۔‘‘ تائی امی بولیں۔

’’یہ تو آپ نے بڑا اچھا کیا بھابھی! گھر کے ہوتے ہوئے آپ کی بھابھی وغیرہ ہوٹل میں ٹھہریں بالکل بھی مناسب نہیں لگتا۔‘‘ بابا جان نے تائی امی کو سراہنے میں ذرا دیر نہ کی البتہ میں تائی امی کو ویسے ہی دیکھنے لگی جیسے وہ دوسروں کو دیکھا کرتی تھیں۔ کھوجتی اور جانچتی نظروں سے۔

ایسی کیا بات تھی جو ان کی بھابھی کی بھابھیاں پرزور اصرار پر بلائی گئی تھیں میں سوچ ہی رہی تھی کہ تائی امی کی اگلی بات نے مجھے ایک بار پھر چونکا دیا۔

’’زوہا بیٹی! تم بھی بہت دنوں سے اپنی پھوپھی کے گھر نہیں گئیں، ایسا کرو جب تک وہ مہمان یہاں رہیں تم وہاں چلی جائو ورنہ اتنے لوگوں کی موجودگی میں تمہیں خوامخواہ الجھن ہوگی۔‘‘ مجھے تو ابھی سے الجھن ہونے لگی تھی۔ ضرور دال میں کچھ کالاتھا، میری نظریں شمامہ کی طرف اٹھ گئیں۔ وہ بھی حیرانی سے ماں کو دیکھ رہی تھی گویا ماں کی عجیب و غریب منطق اس کی سمجھ میں بھی نہیں آرہی تھی۔

’’نہیں بھابھی! مہمانوں کے آنے پر زوہا کا گھر سے چلے جانا تو بہت بداخلاقی والی بات ہے، اسے بھلا کیا الجھن ہوگی اگر مسئلہ گھر میں گنجائش کا ہے تو شمامہ، شاہد اور زوہا ایک ہی کمرا شیئر کرلیں گے اور اس سے بھی بات نہ بنے تو یہ ڈرائنگ روم میں شفٹ ہوجائیں گے، مہمان تو اللہ کی رحمت ہوتے ہیں۔‘‘

بابا جان کے متانت سے کہنے پر شمامہ اور شاہد کو بھی اچھو ہوگیا تھا۔ اس پل ہم تین الگ مزاج کے لوگ ایک ہی انداز میں سوچنے پر مجبور ہوگئے تھے یقینا وہ بھی میری طرح یہی سوچ رہے ہوں گے کہ ایسے مہمان رحمت ہوں گے یا زحمت۔ اچھے خاصے موسم میں میرے پسینے چھوٹنے لگے تھے۔

’’نہیں انہیں ڈرائنگ روم میں شفٹ ہونے کی ضرورت نہیں، گیسٹ ہائوس ہے میں اسٹور بھی خالی کرالوں گی، دراصل شادی سے ایک دن پہلے میرے بھائی اور ان کے بچوں کے ساتھ ساتھ بھابھی کی بھابھیوں کے شوہر اور بچے بھی آجائیں گے خیر، تب کی تب دیکھی جائے گی۔‘‘

میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے۔ شمامہ کے کزنز کو برداشت کرنا ایسے ہی تھا جیسے عذابِ قبر کی پریکٹس ہو رہی ہو، اس پر ان کی بھابھی کی بھابھیوں کے شوہر اور بچے میری آنکھوں کے سامنے کالے کالے دائرے ناچنے لگے، تائی امی نے بھی منمنا کر ایسے لہجے میں گیسٹ ہائوس کا ذکر کیا تھا جیسے بابا جان سے بحث نہ کرنا چاہتی ہوں۔ ایک طرح سے ایسا لگ رہا تھا جیسے وہ مجھے یہاں سے بھیجنے کے لےے بہت بے چین ہوں مگرمجھے یہاں سے ہٹانے کا انہیں کوئی معقول بہانا نہ مل رہا ہو۔

میرا ازلی تجسس فوراً انگڑائی لے کر بے دار ہوگیا۔ جتنا وہ مجھے یہاں سے ہٹانے کے لےے اتاولی ہورہی تھیں اتنا ہی میں ان کے اتاولے پن کی وجہ جاننے کے لےے متجسس ہوگئی اور یہ کام میرے لےے کوئی خاص مشکل بھی نہیں تھا ۔ ٹی وی سیریلز دیکھ دیکھ کر اتنی چالاکیاں تو آہی گئی تھیں کہ اگر کسی بات کی سن گن لینی ہو تو متعلقہ افراد کے کمرے سے کان لگا کر ان کی باتیں سن لو، ساری حقیقت لمحوں میں واضح ہوجائے گی اور شمامہ کی شکل دیکھ کر صاف ظاہر ہورہا تھا کہ وہ بھی میری طرح کہانی کے پس منظر سے انجان ہے اس کے پیٹ میں بھی درد ہورہا ہوگا۔ موقع ملتے ہی وہ اپنی ماں سے ضرور پوچھے گی، میں نے اس پر نظر رکھنے کا فیصلہ کر لیا، اس لےے رات میں جیسے ہی وہ تائی امی کے پاس تنہا ٹیرس پر نظر آئی، میں لائونج کی کھڑکی کے پاس جا کھڑی ہوئی جہاں سے ٹیرس پر ہونے والی گفتگو صاف سنی جاسکتی تھی اور اندر سے آتی آوازوں نے لمحہ بھر میں ساری الجھی گتھی سلجھادی۔

’’آپ بھی حد کرتی ہیں امی! بھلا میری جیسی حسین لڑکی کو کبھی زوہا جیسی لڑکی سے خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ آپ خوامخواہ پریشان ہورہی ہیں۔‘‘ حسبِ عادت اپنی خوب صورت کا ذکر کرتے ہوئے اس کا لہجہ حد سے زیادہ مغرور ہوگیا تھا۔

’’پھر بھی شمامہ تمہیں بہت سمجھ داری سے کام لینا ہوگا۔ تمہاری ممانی کی بھابھی نے اگر تمہیں اپنے بیٹے کے لےے پسند کرلیا تو سمجھ لو تمہاری قسمت چمک جائے گی۔ تم اندازہ بھی نہیں لگا سکتیں ان کے پاس کتنا پیسہ ہے۔ ایک سے بڑھ کر ایک لڑکی مل سکتی ہے انہیں اپنے بیٹے کے لےے، تمہاری ممانی نے خود مجھے بتایا ہے کہ وہ اس شادی میں شرکت کرنے اسی غرض سے آرہی ہیں کہ یہاں کی لڑکیوں کو بھی دیکھ لیں گی، تمہاری ممانی کی بیٹی عالیہ نے اگر اپنے کلاس فیلو کو پسند نہ کرلیا ہوتا تو تمہاری ممانی اس رشتے کے بارے میں ہرگز نہیں بتاتیں۔ انہیں خود امیر کبیر گھرانے کا داماد مل رہا ہے اس لےے تمہارے ماموں کے سامنے نمبر بنانے کے لےے انہوں نے اس رشتے کا تذکرہ کر دیا ہے، اب تمہیں عالیہ کی ٹکر کا رشتہ چاہےے تو اپنے طور طریقوں سے یہی ظاہر کرنا ہوگا کہ صرف تم ہی ان کی بہو بننے کے قابل ہو۔‘‘

اندر کا سین تو ٹی وی سیریلز سے بھی زیادہ ڈرامائی تھا۔ واقعی مائیں کچھ زیادہ ہی خدشات میں گھری ہوتی ہیں۔ ورنہ شمامہ کے مقابلے میں کسی ماں کا مجھے پسند کرلینا کسی معجزے سے کم نہیں تھا پھر بھی وہ مجھے منظر سے ہٹانا چاہتی تھیں کیونکہ وہ اس رشتے کو ہر حال میں جوڑنا چاہتی تھیں اور اس رشتے کی راہ میں ایک بھی کانٹا برداشت نہیں کر سکتی تھیں جبکہ شمامہ کسی خاص جوش و خروش کا مظاہرہ نہیں کر رہی تھی تب ہی لاپروائی سے بولی۔

’’شادی مجھے لڑکے سے کرنی ہے یا ان کی اماں سے۔ لڑکا تو آ نہیں رہا میں انہیں کیسے متاثر کروں گی۔‘‘

’’وہ آئے نہ آئے تمہیں اس سے کوئی مطلب نہیں ہونا چاہےے، ان کے گھرانے میں ایسے فیصلے لڑکے نہیں کرتے، اگر اس کی ماں نے تمہیں پسند کرلیا تو سمجھو۔۔۔‘‘

’’ایک منٹ امی! بے شک وہ لوگ بہت امیر کبیر ہوں گے مگر مجھے یہ بھی تو پتا چلے کہ لڑکا کیسا ہے کیا کرتا ہے۔‘‘ شمامہ نے ان کی بات کاٹتے ہوئے بے زاری سے کہا ، بے باکی تو ویسے بھی اس پر ختم ہوتی تھی، تائی امی نے بھی ضبط کرتے ہوئے اسے جبراً تحمل سے جواب دیا۔

’’وہ یہاں شادی سے ایک دن پہلے آئے گا اور ہوسکتا ہے سب گھر والوں کے آجانے پر وہ کسی ہوٹل میں شفٹ ہوجائیں۔ لڑکے کے آنے تک تو سارا وقت ہی ختم ہوجائے گا، تم لڑکے کی فکر کرنے کے بجائے اس کی ماں حلیمہ آنٹی کا دل جیتنے کی کوشش کرو، ان کا بیٹا یقینا اچھا ہی ہوگا کیونکہ خوب صورتی ان کے خاندان میں عام ہے۔ اس کی شکل اچھی ہی ہوگی اور جاب تو ہے ہی اچھی، شہر کی سب سے بڑی فرم میں پچھلے تین سالوں سے منیجنگ ڈائریکٹر ہے اور شاید تم نے اسے دیکھا ہوگا وہ تمہاری نانی کے محلے میں ہی تو رہتے ہیں دو سال پہلے جب ہم لاہور گئے تھے تم نے تب بھی اسے دیکھا ہوگا۔‘‘

بولتے بولتے تائی امی زچ ہوگئی تھیں کیونکہ شمامہ بدستور چیونگم چبانے میں مصروف تھی جبکہ اب میں چوکنی ہوگئی تھی اسے کچھ یاد آیا تھا یا نہیں البتہ میرے ذہن کے پردے پر کئی منظر لہرا گئے تھے۔ میں دھڑکتے دل کے ساتھ اپنے کمرے میں چلی آئی ۔ دراصل دو سال پہلے کے اس ٹرپ میں، میں اور بابا جان بھی تائی امی کے میکے ان کے ساتھ گئے تھے۔

بابا جان اور تایا ابا کو بزنس کے سلسلے میں لاہور جانا تھا۔ تائی امی کا میکا وہیں تھا لہٰذا وہ، شمامہ اور شاہد بھی ساتھ چلنے پر بضد ہوگئے تب بابا جان کومجبوراً مجھے بھی لے جانا پڑا تھا۔ میں تائی امی کی والدہ کے گھر کافی دن رہی تھی۔ اچھا خاصا بھرا پُرا گھرانہ تھا۔ زیادہ تر لڑکیاں ماڈرن اور اپنے آپ میں مگن تھیں۔ کسی نے بھی مجھے زیادہ لفٹ نہیں کرائی تھی تو میں بھی بے نیاز نظر آنے کی کوشش کرنے لگی۔ اگر انہیں مجھ میں دلچسپی نہیں تو مجھے بھی ان کی پروا نہیں تھی البتہ وہاں موجود صرف ایک شخص کی میں نہ چاہتے ہوئے بھی پروا کرنے لگی تھی۔

وہ بالکل ہیرو جیسی شخصیت رکھنے والا شخص کسی افسانے کے ہیرو کی طرح ہی مجھ سے ٹکرایا تھا کیونکہ تائی امی کی بھابھی کا میکا بھی اسی محلے میں قیام پذیر تھا چنانچہ تائی امی کے میکے ساتھ ساتھ ان کی بھابھی کے میکے سے بھی ملاقات کا شرف حاصل ہوگیا تھا اور ساتھ ہی یہ بھی پتا چل گیا تھا کہ تائی امی کی بھابھی کی بھابھی کا یہ بیٹا خاندان بھر کی لڑکیوں میں بے پناہ مقبول ہے حالانکہ ان کے خاندان میں ایک سے ایک اچھے لڑکے موجود تھے مگر اس کی انفرادیت یہ تھی کہ یہ کسی بھی لڑکی کو زیادہ لفٹ نہیں کراتا تھا۔

یہ جاننے کے بعد کہ سب اس کے آگے پیچھے پھر پھر کر تھک گئی ہیں میں نے خود کو عام لڑکیوں سے مختلف ظاہر کرنے کے لےے اسے مکمل طور پر نظر انداز کر دیا لیکن چلتے وقت مجھے بھی یہ ماننا پڑا کہ تائی امی سے وابستہ تمام لوگوں میں چند بزرگوں کو چھوڑ کر بس یہ مقبول شخص ہی کچھ معقول ہے چنانچہ اس کے خاندان کی ان ہی عام لڑکیوں کی طرح (جو مجھے بالکل پسند نہیں تھیں) میں بھی اس سے اچھی خاصی متاثر ہوگئی تھی۔

مگر جیسا کہ میں نے پہلے ہی بتایا تھا کہ مجھے بھولنے کی عادت ہے تو واپس اپنے شہر آکر میں اسے بھی بھول بھال گئی۔

بھئی وہ ہوگا کسی افسانے کا ہیرو، مگر میں تو ہیروئن نہیں تھی نا۔ جو ہیرو سے ملنے کے بعد کسی کام کی نہیں رہتی، میری تو ہزاروں مصروفیات تھیں، آہیں بھرنے کا ٹائم کہاں تھا۔

لیکن اب اس کا خیال آتے ہی ذہن کو ایک دھچکا لگا تھا۔ وہ اتنا شان دار بندہ شمامہ جیسی لڑکی کے ہتھے چڑھ جائے گا بقول تائی امی کے ان کے ہاں فیصلے بڑے کرتے ہیں۔ وہ بے چارا اماں کے فیصلے پر بے موت مارا جائے گا۔ اس کی شادی تو کسی بہت اچھی لڑکی سے ہونی چاہےے۔ جس میں کوئی برائی ہی نہ ہو۔

ارے ایسے لڑکی تو میری نظر میں ہے (کیا ہوا آپ سمجھے نہیں؟) ارے بھئی میں اور کون۔

میں شمامہ سے زیادہ اچھی شریکِ حیات ثابت ہو سکتی تھی اور اس جیسے شخص کی بیوی بننے کے لےے تو میں دل و جان سے راضی تھی لیکن نہیں، یہ کام میں کوئی اپنے لےے تھوڑی کر رہی ہوں، اسے شمامہ جیسی لڑکی سے محفوظ رکھنے کے لےے میں جو بھی جدوجہد کروں گی وہ عین کارِ ثواب ہوگا اور نیکی کے کام میں جو بھی مشکل اٹھانی پڑے وہ جہاد کے زمرے میں آتی ہے۔

چلیں جی قصہ صاف ہوگیا جہاد پر جانے کے لےے تو کسی تامل کی گنجائش ہی نہیں رہی تھی۔ اب تو بس یہ سوچنا تھا کہ یہ سب کرنا کیسے ہے کیونکہ مسئلہ یہ تھا کہ اس کی اماں آرہی تھیں۔ برخوردار خود تو تشریف لا نہیں رہے تھے ورنہ شاید انہیں میں آسانی سے متاثر کر لیتی کیونکہ پہلی ہی ملاقات میں، میں اسے چونکانے میں تو کامیاب ہو ہی گئی تھی یہ اور بات تھی کہ وہ سب نادانستہ طور پر ہوا تھا اور یہ بھی اور ہی بات تھی کہ اس کی حیرانی نے مجھے کسی خوشی سے دو چار کرنے کے بجائے اچھا خاصا شرمندہ کر دیا تھا۔

دو سال پہلے زندگی میں پہلی بار جب میں تائی امی کے میکے گئی تو مجھ پر یہ انکشاف ہوا کہ ہمارے گھر ہر وقت مہمان بن کر آنے والے تائی امی کے یہ رشتے دار مہمان نوازی کے اصولوں سے قطعی طور پر بے بہرہ ہیں، بزرگ تو چلو بڑے تھے اور مصروف بھی، لیکن وہاں کی ینگ جنریشن نے بھی اچھی خاصی بداخلاقی کا ثبوت دیا تھا۔ شمامہ اور شاہد جو کہ ان کے کزن تھے وہ انہیں بھی زیادہ منہ نہیں لگاتے تھے تو میں کس کھیت کی مولی تھی۔

اسکول ، کالج کی مصروفیت کے بعد ان کا وقت ٹی وی، کمپیوٹر یا موبائل کے ساتھ گزرتا تھا۔ اب انسان خود ہی ڈھیٹ بن کر ان کے کمرے میں جا کر بیٹھ جائے تو بات الگ تھی ورنہ وہ لوگ خود تو کمرے سے نکل کر جھانکتے تک نہیں تھے کہ مہمان کو کسی نے چائے پانی کے لےے پوچھا بھی یا نہیں۔

شمامہ اور شاہد کا رشتہ پھر بھی قریبی تھا اس لےے وہ بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود ہی کمرے میں چلے جاتے جبکہ میرے لےے یہ کافی مشکل امر تھا کیونکہ شمامہ کی ماموں زاد بہنیں مجھے دیکھ کر مسکراتی بھی نہیں تھیں۔

کچھ ہی دنوں میں، میں اچھی خاصی بور ہوگئی تھی بابا جان اور تایا ابا کو کام کے سلسلے میں ابھی ایک ہفتہ اور یہاں رکنا تھا اور یہی سوچ سوچ کر میں مزید بولا رہی تھی کہ ابھی اور سات دن یہاں کیسے گزریں گے ۔ اسی عالم میں، میں چھت پر چلی جاتی کیونکہ وہاں سے آس پڑوس کے گھروں میں دیکھتے ہوئے وقت اچھا گزر جاتا ، خاص طور پر شام ہونے پر بوریت کا احساس بالکل ختم ہوجاتا کیونکہ محلے کے لڑکے کرکٹ کھیلنے کے لےے جمع ہوجاتے ، کرکٹ کی میں خود بھی اچھی خاصی شوقین تھی، اوپر سے ان کے آپس کے ہنسی مذاق ے بھی میں خاصی محظوظ ہوتی کیونکہ ان کی آوازیں صاف سنائی دیتی تھیں، اسی لےے ان کے گھروں سے نکلتے ہی میں اس طرح سمٹ کر بیٹھ جاتی کہ میں تو با آسانی انہیں دیکھ سکتی تھی مگر ان کی نظر مجھ پر نہیں پڑ سکتی تھی۔

تین دن تک میں بڑی شرافت سے ان کا کھیل دیکھتی رہی آخر چوتھے دن میرا خود پر سے ضبط ختم ہوگیا اور میں نے ان کے ساتھ جا کر کھیلنے کا فیصلہ کرلیا۔

کیا ہوا؟ چونک گئے ؟ ارے اپنی خوبیاں گنواتے وقت میں نے آپ کو بتایا ہی نہیں کہ میں بہت اچھا کرکٹ کھیلنا جانتی ہوں اور ابھی بھی بابا جان اور تایا ابا کی لا علمی میں، میں شاہد اور اس کے دوستوں کے ساتھ اکثر اپنا شوق پورا کرتی رہتی ہوں۔

اسی لےے یہاں بیٹھ کر بور ہونے کے دوران میرا یہ شوق کچھ اور بھی شدّت سے امڈ آیا تھا۔ مجھے یقین تھا وہ لوگ مجھے اپنے ساتھ کھلانے کے لےے ہرگز تیار نہیں ہوں گے لیکن میرے پاس اس کا توڑ بھی موجود تھا۔

میں نے فوراً شاہد کے کپڑوں کی طرف رجوع کیا وہ مجھ سے تین سال چھوٹا تھا لیکن اس کی اٹھان اور قد و قامت ایسا تھا کہ اس کے کپڑے نا صرف مجھے با آسانی آجاتے بلکہ تھوڑے ڈھیلے ہی رہتے تھے۔ چہرہ چھپانے کے لےے میں نے ہمیشہ کی طرح ہیلمٹ کا سہارا لیا تھا جو شمامہ کے ماموں زاد بھائی کے کمرے سے دستیاب ہوا تھا۔

ساری تیاری کر کے میں ان لوگوں کے مقررہ وقت سے پہلے ہی گلی میں فٹ پاتھ پر جا کر بیٹھ گئی۔ سب سے پہلے سامنے والے گھر سے دو لڑکے نکل کر آئے تھے سارے لڑکوں میں سب سے چھوٹے وہی تھے (یعنی کہ سب سے آسان شکار تھے) میں نے بغیر تامل کے آواز کو بھاری بناتے ہوئے انہیں پکارا۔

’’کیا میں بھی آپ کے ساتھ کرکٹ کھیل سکتا ہوں۔‘‘ آواز نکالنے میں، میں کوئی خاص ماہر نہیں تھی مگر وہ میرے اندازے سے بھی زیادہ احمق ثابت ہوئے تھے تبھی بغیر چونکے عام سے لہجے میں پوچھنے لگے۔

’’آپ کون ہیں؟ آپ کو پہلے کبھی اس محلے میں نہیں دیکھا، کیا نام ہے آپ کا؟‘‘ اس سوال کاجواب میں نے پہلے سے سوچ رکھا تھا، میں نے بڑے آرام سے تائی امی کی والدہ کے گھر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا۔

’’میرا نام زوہا۔۔۔ وہ۔۔۔زوہادہ ہے، یہ میری نانی کا گھر ہے میں یہاں کچھ دنوں کے لےے کراچی سے آیا ہوں۔‘‘

بس پھر کیا تھا بیٹ بال کو ان کے ہاتھ میں تھا ہی، دوسرے لڑکے جمع نہیں ہوئے تھے بظاہر اپنا الو سیدھا کرتے ہوئے انہوں نے مجھے بطور فیلڈر کھڑا کر دیا مگر انہیں نہیں معلوم تھا مجھے کرکٹ کھیلنا فیلڈنگ کرنے کی وجہ سے ہی آیا تھا۔

شاہد اور اس کے دوست میرے بھولپن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بچپن سے ہی مجھے فیلڈنگ کے لےے کھڑا کر دیتے، عمر میں وہ مجھ سے چھوٹے تھے مگر میں نے بتایا نا معصومیت ہمیشہ سے میرا خاصا رہی ہے، میں ان کے ساتھ کھیلنے کے شوق میں کھڑی ہوجاتی اور یہ کام کرتے کرتے میں اتنی ماہر ہوگئی کہ مشکل سے مشکل کیچ پکڑنا میرے بائیں ہاتھ کا کھیل ہوگیا لہٰذا میری ڈیمانڈ بڑھنے لگی تو بدلے میں، میں اپنی ڈیمانڈز سامنے رکھنے لگی اور بیٹنگ اور بائولنگ تک رسائی حاصل کرلی۔

خیر میرے کارناموں کی فہرست بڑی طویل ہے۔ قصہ مختصر دس منٹ بعد وہ دونوں آئوٹ ہونے کے ساتھ ساتھ میری بہترین کارکردگی سے متاثر بھی ہوچکے تھے جب تک دوسرے لڑکے جمع ہوئے بیٹ میرے ہاتھوں میں آچکا تھا۔ نئے آنے والے لڑکوں کے سامنے مجھے اپنی زنانہ قسم کی مردانہ آواز سنانی ہی پڑی کیونکہ وہ دونوں لڑکے ہر آنے والے کو بڑے جوش و خروش سے میرے بارے میں بتا دیتے یہاں تک کہ اگر کوئی میرے ہیلمٹ کو دیکھ کر حیرت کا اظہار کرتا تو وہ میرا ہی جواب بڑے اطمینان سے دوہرا دیتے۔

’’ارے یار۔۔۔! اسے دھوپ سے الرجی ہے ورنہ اس بے چارے کو خود بھی بلیک کور میں مشکل سے بال نظر آرہی ہے۔‘‘ میرے ہاتھ میں دستانے چڑھے دیکھ کر انہیں اس سفید جھوٹ پر یقین آگیا تھا۔ دوسرے یہ کہ میں دھڑا دھڑ رنز بنا رہی تھی اس لےے وہ میرے حلےے کو بھول بھال مجھے آئوٹ کرنے کی کوششوںمیں جت گئے۔

تب ہی وہ آگیا، حسبِ معمول وہ ٹیوشن سے واپس آیا تھا مگر خلافِ معمول وہ گھر جا کر کپڑے بدلنے یا کتابیں رکھنے کے بجائے وہیں رک کر میرا کھیل دیکھنے لگا۔ مجھے بھلا اس کی موجودگی سے کیا فرق پڑتا (اس وقت میں اس کی خوبیوں سے آگاہ نہیں تھی) لیکن اس وقت میںچونکی ضرور جب اس نے بائولر سے بال لیتے ہوئے اپنی کتابیں اسے تھمادیں۔

’’یار رومیس تم فریش ہو کر آجائو پھر آرام سے کھیلنا۔‘‘

وکٹ کیپر نے چلّا کر کہا مگر وہ سنی ان سنی کر گیا اگر میری آواز اتنی مشکوک نہ ہوتی تو میں بائولر بدلنے پر دو چار طنز تو کر ہی دیتی مگر میری کمزوری نے مجھے فخریہ جملے بولنے کے قابل نہیں چھوڑا تھا۔ چہرہ بھی ہیلمٹ کے کالے شیشے کے پیچھے چھپا تھا اس لےے دل جلانے والی مسکراہٹ سے بھی کام نہیں چلا سکتی تھی اور دیکھنے والوں کو لگا تھا کہ بڑی شرافت سے میں ان کے اس اقدام کو جھیل گئی اور تھوڑی دیر بعد ادراک ہوا کہ جو ہوا اچھا ہی ہوا اس کے آتے ہی میرے رنز بنانے کی رفتار کم ہوگئی تھی یہ تو میں پہلے ہی دیکھ چکی تھی کہ وہ بائولنگ اچھی کرتا ہے لیکن اس دن قسمت میرے ساتھ تھی، جو میں تین بار فیلڈر کی غلطی سے آئوٹ ہوتے ہوتے رہ گئی۔ اس لےے وہ کافی جھنجھلایا ہوا لگ رہا تھا۔

اسے زچ ہوتا دیکھ کر مجھے بڑا مزا آرہا تھا کتنی بار میرا دل چاہا ہیلمٹ اتار کر اسے مسکرا کر دیکھوں مگر آخر کب تک ۔۔ دل کے ارمان دل میں ہی رہ گئے اور اس نے مجھے کلین بولڈ کر دیا۔

مجھے امید تھی وہ بہت زیادہ خوشی کا اظہار کرے گا ایک لمحے کے لےے واقعی اس کا چہرہ پرسکون ہوگیا جیسے بے چین روح کو قرار آگیا مگر اگلا لمحہ واقعی حیران کن تھا۔ اس نے کوئی چھچھوری سی خوشی منانے کے بجائے مسکراتے ہوئے ستائشی انداز میں کہا۔

’’شکر ہے تم آئوٹ ہوگئے ورنہ آج تو کسی کی باری ہی نہیں آتی، ویری ویل پلیڈ۔‘‘ اس نے قریب آکر مصافحہ کے لےے ہاتھ بڑھایا تو میں سٹپٹا گئی مگر فوراً ہی سنبھلتے ہوئے میں نے بلا ایسے اسے تھما دیا جیسے وہ بیٹ مانگ رہا ہو اور اس سے پہلے کہ وہ کچھ کہتا ان ہی دونوں لڑکوں میں سے ایک قریب آگیا جس کے ساتھ میں نے کھیل شروع کیا تھا۔

’’ارے تم نے اس کی فیلڈنگ نہیں دیکھی، کیا مشکل مشکل کیچ پکڑے ہیں اس نے۔‘‘ سب کو اپنے گرد جمع ہوتا دیکھ کر میں کچھ کنفیوژ ہوگئی تھی، اتنا اعتماد جو نہیں تھا کہ اتنے سارے لوگوں کے بیچ آواز بدل کر بول سکوں، ویسے بھی ان کے ارادوں سے لگ رہا تھا اب وہ میرا مفصل انٹرویو لینے کے موڈ میں ہیں، اس لےے متوقع سوالوں سے بچنے کے لےے میں نے جلدی سے موضوع بدل دینا چاہا، دماغ کیونکہ تیزی سے کام کرنے کا عادی نہیں تھا اس لےے جلدی میں حماقت آمیز حرکت ہی سرزد ہوسکتی تھی۔ وکٹ کیپر نے بال رومیس کی طرف اچھالی تھی اور میں نے نہایت نازیبا حرکت کرتے ہوئے تیزی سے پلٹ کر بیچ میں سے اسے ایسے کیچ کیا تھا کہ میرے ارد گرد جمع ہوتے تمام لڑکوں کو ایک دم پیچھے ہٹنا پڑا تھا۔

’’میں بائولنگ کروں۔‘‘ سب کو حیران ہوتا دیکھ کر فوری طور پر میں نے سب کی توجہ بٹانے کے لےے کہا تھا۔ مگر سب کی نظریں ایک ساتھ رومیس کی طرف اٹھتی دیکھ کر مجھے ٹھٹکنا پڑا تھا۔ رومیس بھی مسکرانا چھوڑ کر اب مجھے سنجیدگی سے دیکھنے لگا تھا تب مجھے احساس ہوا تھا کہ میں نے کیا کر دیا ہے۔

اس نے میری تعریف کی اور میں نے جواب دےے بغیر اسے زبرستی بلا پکڑا دیا اور جب اس کے دوست نے بال اس کی طرف اچھالی تو اسے درمیان میں ہی کیچ کر کے میں نے ایک طرح سے زبردستی بائولنگ کرنے کی پوزیشن بھی سنبھال لی گویا ایک طرح سے اسے چیلنج دیا تھا کہ اگر تم نے مجھے آئوٹ کیا ہے تو اب تم میدان میں آجائو میں تمہیں آئوٹ کر کے دکھاتا ہوں۔

حالانکہ میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا میں کھیل میں ضد کی قائل نہیں تھی اور وہ بھی ایسے لوگوں کے ساتھ جو خود دوستانہ انداز میں کھیلتے ہوں، میں ان سب کو روز بغیر کسی انا کے ہنسی مذاق کرتے ہوئے کھیلتا دیکھتی تھی مگر یہ سب اتنا اچانک ہوگیا تھا کہ میں کچھ کہنے کے بعد قابل نہیں رہی تھی کیونکہ اسے بھی غصہ آگیا تھا وہ مجھ سے بغیر کچھ کہے سب کو اپنی اپنی جگہ پر کھڑے ہونے کی ہدایتیں دیتا خود بلا لےے وکٹ کے سامنے جا کھڑا ہوا۔

بائولنگ میری زیادہ اچھی نہیں تھی، پانچ فٹ چار انچ کے قد کے ساتھ میں میڈیم پلیئر بھی نہیں بن سکتی تھی۔ اوپر سے میری تین بائولز پر اس نے تین چھکے مار کر میرا رہا سہا اعتماد بھی رخصت کر دیا ۔ آج مجھے صحیح معنوں میں لڑکوں کے ساتھ کھیلنا مشکل لگ رہا تھا ۔ وہ کوئی شاہد اور اس کے دوستوں کی طرح کم عمر بچے نہیں تھے میرے دانتوں تلے پسینہ آگیا تھا۔

دل چاہ رہا تھا کوئی بہانہ کر کے فوراً یہاں سے بھاگ جائوں، ایک خیال تو یہی آیا کہ فیلڈر پر الزام لگادوں کہ وہ دوستی کا لحاظ کرتے ہوئے میرے ساتھ تعاون نہیں کر رہا مگر ایک تو چھکا پڑنے کے بعد فیلڈر کے کرنے کے لےے کوئی کام نہیں رہتا دوسرے اس الزام کی تردید میں وہ سب بحث پر اتر آتے اور آسانی سے جان نہ چھوڑتے جبکہ میں انہیں اپنی آواز کے جلترنگ سے زیادہ فیض یاب نہیں کرنا چاہتی تھی۔

پھر بھی بال کرانے کے بعد میں رومیس کو تیزی سے رن لیتا دیکھ کر تمام فیلڈرز کو غور سے دیکھنے لگی شاید کوئی بہانہ ہاتھ لگ جائے مگر میرے تو ہاتھوں کے توتے اڑ گئے جب میں نے تایا ابا اور باباجان کو تائی امی کے بھائی کے ساتھ گاڑی میں کہیں سے واپس آتے ہوئے دیکھا۔ بے شک میں پوری طرح ’’حجاب‘‘ میں تھی مگر شاہد کے کپڑوں کو پہچان کر اگر انہوں نے مجھے شاہد سمجھ کر مخاطب کرلیا تو؟ (دو سال پہلے انہیں پتا نہیں تھا کہ میں شاہد کے کپڑوں میں کون کون سے کارنامے انجام دیتی رہتی ہوں)

میں نے فوری طور پر ان کی نظروں سے بچنے کے لےے سر پٹ دوڑ لگائی تھی۔ میرا ارادہ ان سے پہلے پہلے گھر میں داخل ہوجانے کا تھا مگر کہیں پہ نگاہیں کہیں پہ نشانہ کی مکمل تفسیر بنے ہونے کے باعث میں رن لیتے رومیس سے جا ٹکرائی۔

ٹکر اتنی زور دار تھی کہ میں زمین پر بیٹھتی چلی گئی البتہ رومیس اتنی اسپیڈ میں تھا کہ مجھے سے ٹکراکر بھی وہ رکتے رکتے چند قدم آگے نکل گیا۔ بھلا میرے جیسے نازک وجود سے اسے کیا چوٹ لگنی تھی جبکہ میرا تو حشر نشر ہوگیا تھا، رومیس سے ٹکرانے کے علاوہ اس کے ہاتھ میں موجود بلا بھی میرے جوگرز کے اندر چھپے پائوں کو ہتھوڑی کے نیچے آئے اخروٹ کی طرح کچل گیا تھا۔

اتنی تکلیف کے باوجود میں نے اف تک نہیں کی تھی کیونکہ میرا دھیان اب بھی گھر کے کھلتے گیٹ کی طرف تھا جہاں گھر کے ملازم کے گیٹ کھولنے پر تائی امی کے بھائی گاڑی اسی بے نیازی سے گھر کے اندر لے گئے تھے جس لاپروائی سے وہ گلی میں داخل ہوئے تھے، میں خوامخواہ انہیں دیکھ کر اتنی حواس باختہ ہوگئی تھی، گلی میں کرکٹ کھیلتے لڑکے ان کے لےے روز کا معمول تھے انہوں نے تو اپنی باتوں میں ان پر دھیان بھی نہیں دیا تھا۔

ایک طرف مطمئن ہو کر جب میں نے دوسری طرف کا جائزہ لیا تو ان سب کو اپنے چاروں طرف دائرے کی صورت میں جمع پایا۔ رومیس عین میرے مقابل پنجوں کے بل بیٹھا تھا اور شاید میری خیریت پوچھ رہا تھا مگر سنائی اس لےے نہیں دے رہا تھا کہ وہ سب ایک ساتھ بول رہے تھے۔

’’کیا ہوا تھا تمہیں؟‘‘

’’تم ایک دم بھاگنے کیوں لگے تھے؟‘‘

’’رومیس آئوٹ نہیں ہورہا تھا تو تم اسے انجرڈ (زخمی) کرنے کے لےے اس سے جان بوجھ کر ٹکرا گئے۔‘‘

اس سوال نماالزام پر میرا خون کھول اٹھا تھا میں کھیل میں کبھی بے ایمانی نہیں کرتی تھی مگر اس سے پہلے کہ میں کوئی جواب دیتی رومیس بول پڑا۔

’’تم ٹھیک تو ہو نا۔‘‘ اس کے انداز سے ظاہر تھا جیسے یہ سوال وہ پہلے بھی دو تین بار پوچھ چکا ہو اور میری خاموشی سے شاید اسے لگا ہوگا کہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے میری زبان گنگ ہوگئی ہے اس لےے اس بار میرے جواب کا انتظار کےے بغیر اس نے بالکل اچانک ایک دم میرا ہیلمٹ اتار لیا۔

چوٹ کے باعث واقعی میرے حواس گم ہوگئے تھے تب ہی میں کوئی مزاحمت نہ کر سکی یا شایدسب کچھ بہت جلدی میں ہوگیا تھا جب ہوش میں آتے ہوئے میں نے اسے روکنا چاہا تب تک ہیلمٹ اس کے ہاتھوں میں پہنچ چکا تھا اور پھر اس کی آنکھوں میں اترتی شدید حیرانی کو دیکھ کر میں زیادہ دیر اس کی طرف دیکھ نہ سکی۔ اس نے ہیلمٹ بھی تو ایک جھٹکے سے کھینچا تھا ۔ میرے جوڑے میں قید گھنگھریالے بال بھی ہیلمٹ کے ساتھ کھنچ کر کھل گئے تھے اور میرے شانوں پر بکھر گئے اگر میرا دل دھک سے رہ گیا تھا تو ناظرین بھی ہکّا بکّا رہ گئے تھے البتہ میری پشت کی جانب جو لڑکا کھڑا تھا وہ سب کی خاموشی محسوس کےے بغیر ہنستے ہوئے بولا۔

’’ارے تمہارے بال اتنے لمبے ہیں، لیکن کتنے خشک اور روکھے سوکھے ہیں۔ ایسا لگ رہا ہے جیسے تم نے سر پر کسی چڑیا کا گھونسلہ رکھ لیا ہو۔‘‘ میری ایک لٹ کو پکڑ کر کھینچتے ہوئے اس نے جھک کر جیسے ہی میرے تاثرات دیکھنے چاہے اس کے اپنے تاثرات ہوا ہوگئے ۔ میں ایک ساتھ اتنی ساری حیران نظروں کا مرکز بن کر زمین میں گڑی جارہی تھی۔ میرا دل چاہ رہا تھا فوراً اٹھ کر بھاگ جائوں مگر مجھ سے سر نہیں اٹھایا جارہا تھا کجا کہ خود اٹھ کر بھاگنا۔

آخر سب سے پہلے رومیس کا سکتہ ٹوٹا، اس نے میری لٹ پکڑے لڑکے کو اتنے غصے سے پیچھے دھکیلا کہ اس کے ہاتھ سے میرے بال نکل گئے۔ خود رومیس بھی ایک جھٹکے سے کھڑا ہوگیا اور چٹختے ہوئے بولا۔

’’کیا ہے یہ سب؟‘‘

’’تم ایک لڑکی ہو کر اتنی دیر سے ہمارے ساتھ کھیل رہی تھیں۔‘‘ ایک اور لڑکا بھنّا کر بولا تو جیسے میری ازلی بے حسی عود کر آئی۔

’’ہاں تو کیا ہوا؟ ایک لڑکی کے ساتھ کرکٹ کھیلنے سے آپ لوگوں کی شان میں کوئی کمی آگئی کیا۔‘‘ انہیں تپانے میں اگر کہیں کوئی کمی رہ گئی تھی تو وہ میرے اس جملے نے پوری کر دی۔

’’اوہ شٹ اپ! ایک تو ہم سے جھوٹ بولا کہ میرا نام زوہادہ ہے یہ میری نانی کا گھر ہے اور۔۔۔‘‘ جس لڑکے کو میں نے اپنا نام بتایا تھا اس نے بڑے تپے ہوئے لہجے میں کہنا شروع کیا تھا کہ رومیس نے اس کی بات کاٹتے ہوئے طنزیہ انداز میں اس کے ساتھ دوہرایا۔

’’زوہادہ!‘‘ رومیس اس لڑکے کو ایسے دیکھنے لگا جیسے اس کی اس حدتک بے وقوفی پر اس لڑکے کو قتل کر دینے کا دل چاہ رہا ہو۔ واقعی غلطی تو اس کی تھی جو مجھے کھلانے پر آمادہ ہوا تھا اس کے بعد جب ایک بار کھیل شروع ہوگیا تب تو میری ’’شان دار کارکردگی‘‘ دیکھ کر نئے آنے والے لڑکوں نے میرے حلےے پر دھیان ہی نہیں دیا اور بات کرنے کی تو نوبت ہی نہیں آئی جو وہ لوگ آواز سے کوئی اندازہ لگاتے۔

میں نے پائوں کی چوٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے کھڑے ہونے کی کوشش کی مگر کوئی میری مدد کے لےے آگے نہیں بڑھا۔ ابھی تک وہ مجھے ایک لڑکا سمجھ کر میرے چھکوں اور چوکوں کو سراہ رہے تھے مگر یہ حقیقت کہ یہ پٹائی انہیں ایک لڑکی کے ہاتھوں جھیلنی پڑی ہے ان کی انا پر کسی تازیانے کی طرح پڑی تھی۔

وہ سب مجھے غصے سے گھورنے کے ساتھ ساتھ کچھ بڑبڑائے بھی جارہے تھے۔ ویسے بھی میری شخصیت میں کچھ ایسا سحر ہے کہ جسے مجھ پر ایک بار غصہ آجائے میں اسے جلا جلا کر خاک کر دیتی ہوں۔ اس وقت بھی میرا ارادہ انہیں تپانے کا نہیں تھا مگر چہرے پر خود بخود ایسی دل جلانے والی مسکراہٹ ابھر رہی تھی جومجھ سے چھپائے نہیں چھپ رہی تھی۔ اس لےے رومیس کے پاس سے گزرتے وقت میں نے ہیلمٹ اس کے ہاتھ سے لینے کے لےے ہاتھ اس کی طرف بڑھایا اس کا سنجیدہ چہرہ دیکھ کر میں نے کوشش کی کہ تھوڑی شرمندہ نظر آئوں مگر اتنے سارے مردوں کو بے وقوف بنا کر ایک عورت ہونے کی حیثیت سے مجھے جو خوشی پہنچی تھی اور جو فخر حاصل ہوا تھا اسے ہضم کرنا آسان نہیں تھا۔

ہیلمٹ میری طرف بڑھاتے ہوئے جب اس نے میری طرف دیکھا تو میرے لےے ہنسی ضبط کرنا مشکل ہوگیا آخر اتنا اسکور کیا تھا اس کی بائولنگ پر کوئی معمولی بات تھوڑی تھی۔ کتنی بار دل میں ابھرتی خواہش پر ضبط کیا تھا کہ ہیلمٹ اتار کر اسے مسکرا کر دیکھوں، ایسے میں اب جا کر دل کے ارمان نکالنے کا موقع ملا تھا۔ میں نے بدقت ہنسی کو ضبط کر کے مسکراہٹ میں بدل لیا شاید شمامہ کی صحبت میں رہ کر میں بھی کچھ کچھ اس جیسی ہوگئی تھی مگر اس نے جواب میں وہ ردِّ عمل نہیں دکھایا تھا جو میں شمامہ کے سامنے کرتی تھی یعنی تلملاتے ہوئے واک آئوٹ کر جانے کے بجائے وہ چپ چاپ مجھے دیکھتا رہا تھااس کی بے تحاشا برائون آنکھوں کو دیکھ کر میری مسکراہٹ مدھم پڑتے پڑتے بالکل غائب ہوگئی۔

پہلی بار مجھے احساس ہوا کہ بعض لوگوں کی آنکھوں میں دیکھنا کتنا مشکل ہوتا ہے میں بھی زیادہ دیر اسے دکھ نہیں سکی تھی بلکہ پتا نہیں مجھے کیا ہوا کہ میں ہیلمٹ لےے بغیر ہی آگے بڑھ گئی حالانکہ وہ ہیلمٹ شمامہ کے کزن آذر بھائی کا تھا جو میں نے ان کی اجازت کے بغیر ہی اٹھالیا تھا اب اسے اپنی جگہ نہ پاکر جانے وہ کیا سوچیں گے۔

گھر آکر میں تھوڑی بہت پریشان تو ہوئی مگر جلد ہی اپنی عادت کے مطابق سب بھول بھال گئی۔

اگلے دن آفس جاتے وقت آذر بھائی بائیک کے بجائے اپنے والد کی گاڑی میں ان کے ساتھ چلے گئے۔ ہیلمٹ تلاش کرتے وقت گھر میں تھوڑی بہت چیخ پکار مچی مگر وہ کوئی ایسی چیز نہیں تھی جسے کوئی چرالیتا اور مجھ پر تو کسی کو شک ہو ہی نہیں سکتا تھا میں بھی یہ سوچ کر کافی مطمئن ہوگئی حالانکہ میں چاہتی تو آرام سے وہ ہیلمٹ اس سے واپسی لے سکتی تھی اس کا گھر سامنے والی لائن میں ہی تھا بلکہ اس کے گھر جانے کی بھی ضرورت نہیں تھی وہ اپنے معمول کے مطابق کرکٹ کھیلنے نکلتا میں تب بھی اس سے مانگ سکتی تھی مگر جانے کیوں میں اس کا سامنا کرنے سے ہچکچا رہی تھی ۔

مگر مجھے نہیں معلوم تھا ٹیوشن سے فارغ ہونے کے بعد وہ کرکٹ کھیلنے کے بجائے سیدھا شمامہ کی نانی کے گھر آجائے گا۔

سب لوگ ٹی وی لائونج میں بیٹھے شام کی چائے پینے کے ساتھ کوئی گیم شو دیکھ رہے تھے میرا آج چھت پر جانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا اس لےے میں بھی ان کے ساتھ موجود تھی تبھی اسے نہایت بے تکلفی سے سیدھا لائونج میں داخل ہوتا دیکھ کر میرے حواس معطل ہوگئے کہیں وہ میری شکایت کرنے تو نہیں آیا۔

میں نے فوراً کمرے پر طائرانہ نظر ڈالی وہاں صرف شمامہ کے کزنزموجود تھے کوئی بزرگ کمرے میں نہیں تھا یہ دیکھ کر تھوڑا سا سکون ملا مگر اگلے ہی پل سکون کو درہم برہم کرتا ایک اور خیال آگیا۔

اگر وہ شکایت کرنے گھر تک آسکتا ہے تو کیا بزرگوں کو یہاں نہ پاکر ان کے کمرے میں نہیں جاسکتا۔ پتا نہیں میں کون کون سے روح فرسا اندیشوں میں جھولتی رہتی کہ شمامہ کی کزن عالیہ نے بڑے ہی خوش گوار ار پرجوش انداز میں اس کا خیر مقدم کر کے مجھے ہی نہیں دوسروں کو بھی چونکا دیا۔

’’ارے رومیس بھائی ! آپ۔۔۔ یہ آج سورج کہاں سے نکلا تھا۔‘‘ اس کے چہکنے پر سب ہی اس کی طرف متوجہ ہوگئے کسی کو یاد ہی نہیں رہا کہ وہ سب بڑے انہماک سے گیم شو دیکھ رہے تھے۔ سب اس کے گرد جمع ہوگئے خاص طور پر شمامہ کی ماموں زاد بہنیں اس کے چاروں طرف ایسے منڈلانے لگیں جیسے شہد پر مکھیاں بھنبھناتی ہیں، حالت شمامہ کی بھی کچھ ایسی ہی ہوگئی تھی وہ مکھی کی طرح بھنبھنا تو نہیں رہی تھی مگر بھنّا ضرور رہی تھی۔

اپنا نظر انداز ہونا اسے سخت ناگوار گزرا تھا تھوڑی دیر اس نے جانے کیسے ضبط کیا پھر حسبِ عادت بے صبروں کی طرح رومیس کے گرددائرہ بناتی لڑکیوں کو دھکیل کر ان میں شامل ہوگئی۔

’’کوئی میرا بھی تو تعارف کرادے آخرمیں بھی تو یہاں موجود ہوں۔‘‘ بڑی خوب صورتی سے شمامہ نے بات بنائی ورنہ کہنا تو یہ چاہ رہی تھی کوئی مجھے بھی تو اتنے ڈیشنگ لڑکے سے متعارف کرادے۔ کیا ہوا جو وہ مجھے نہیں دیکھ رہا آخر میں بھی تو یہاں موجود ہوں۔

شمامہ کے پوچھنے پر عالیہ نے بڑی ناگواری سے اس کی طرف دیکھا اور بڑی بے دلی سے بولی۔

’’جس طرح میں تمہارے ماموں کی بیٹی ہوں اسی طرح یہ میرے ماموں کے بیٹے ہیں۔‘‘ اس کا انداز صاف جتاتا ہوا تھا کہ تم سے کوئی رشتے داری نہیں ہے جبکہ دوسری کزن خوامخواہ اٹھلانے لگی۔

’’کہنے کو ان کا گھر ہمارے محلے میں ہے مگر یہ ہمارے گھر عید کے چاند کی طرح آتے ہیں۔‘‘ اس کی بات پر ان کے درمیان ایک بار پھر شکوے شکایتیں شروع ہوگئی تھیں۔

میں یہ سوچ سوچ کر پریشان ہورہی تھی کہ جسے میں ان کا پڑوسی سمجھ رہی تھی وہ تو ان کا رشتہ دار نکلا اور یہ جاننے کے بعد کہ وہ یہاں آتا بھی بہت کم ہے میری گھبراہٹ سوار ہوگئی تھی پھر تو وہ یقینا میری شکایت کرنے ہی آیا ہوگا۔

میں دل ہی دل میں پریشان ہونے کے باوجود بظاہر ٹی وی دیکھتی رہی لیکن وہاں سے اٹھ کر نہیں گئی دراصل میں یہ سننا چاہتی تھی کہ وہ میرے بارے میں کیا کہنے والا ہے۔ میں ہمہ تن گوش ہونے کے باوجود ایسے بیٹھی تھی جیسے ٹی وی پر چلتے گیم شو سے زیادہ دلچسپ چیز اس پورے کرہ ارض پر نہ ہو اور پھر دس منٹ تک ان کی گفتگو بغور سنتے رہنے کے بعد میری ٹینشن میں اچھی خاصی کمی آگئی اس نے اشارے کنایوں میں بھی مجھے کچھ نہیں جتایا تھا بلکہ میری ذات سے انجان بنا خاموشی سے شمامہ کی کزنز کی باتیں سنتا رہا تھا آخر میں مکمل طور پر مطمئن ہونے کے بعد وہاں سے اٹھ گئی اور ظاہر ایسے کیا تھا جیسے پروگرام کے ختم ہوجانے کی وجہ سے اپنے کمرے کی طرف بڑھ گئی ہوں، دراصل میرے انوکھے ذہن میں ایک نادر خیال یہ بھی آیا تھا کہ ہوسکتا ہے اس نے مجھے پہچانا ہی نہ ہو اس دن میں مردانہ کپڑوں میں ملبوس بھی تو تھی۔

بس یہ خیال آتے ہی میں نے کوشش کی میرا اس سے سامنا کم ہی ہو تاکہ وہ مجھے غلطی سے بھی نہ پہچان سکے اور اس کام کے لےے مجھے زیادہ محنت بھی نہیں کرنی پڑی کیونکہ اول تو وہ آتا بہت کم وقت کے لےے تھا اس پر بھی شمامہ کی کزنز اسے کچھ ایسے گھیر لیتیں کہ وہ کچھ اور دیکھنے کے قابل ہی نہیں رہتا تھا۔ اس بات پر شمامہ میرے سامنے کافی دیر تک بڑبڑاتی بھی رہی تھی۔

’’ہر وقت عالیہ کی بچی اس کے سر پر سوار رہتی ہے مجھے تو بات کرنے کا موقع ہی نہیں ملتا۔‘‘

’’تمہیں ضرورت کیا ہے اس سے بات کرنے کی۔‘‘ کبھی کبھی تو موقع ملتا تھا شمامہ پر طنز کرنے کا میں بھلا کیسے چپ رہتی۔

’’کیونکہ وہ میری وجہ سے ہی تو آتا ہے۔‘‘ میں بستر پر لیٹتے لیٹتے کرنٹ کا جھٹکا لگے شخص کی طرح اٹھ بیٹھی۔

’’تمہاری وجہ سے؟‘‘

’’اور نہیں تو کیا، عالیہ کہہ رہی تھی وہ ان کے گھر کبھی آتا ہی نہیں تھا جبکہ اب وہ روز یہاں کے چکر لگاتا ہے۔ اتنا اسمارٹ لڑکا عالیہ کی خاطر تو وقت برباد کر نہیں سکتا پھر وہ تو شروع سے اس کے سامنے ہے مگر یہ سب خود کو جانے کون سی جنت کی حوریں سمجھتی ہیں کہ ہر وقت کسی نہ کسی خوش فہمی کا شکار نظر آتی ہیں ہونہہ۔۔۔‘‘

جن لفظوں سے میں شمامہ کو نوازتی تھی وہ ان ہی لفظوں سے اپنی کزنز کو لتاڑ رہی تھی واقعی ہماری رگوں میں ایک ہی خون دوڑ رہا تھا ہم نے اپنے خاندانی ہونے کا ثبوت دے دیا تھا۔

’’اس نے تم سے کچھ کہا؟‘‘ پتا نہیں کیوں یہ سوال پوچھتے وقت میرا دل زور زور سے دھڑکنے لگا تھا۔

’’ارے وہ چڑیلیں موقع دیں گی تو وہ کچھ کہے گا نا، اس کے آتے ہی وہ سب اس کی جان کو ایسی چمٹ جاتی ہیں کہ اسے عاجز کر دیتی ہیں اسی لےے وہ یہاں نہیں آتا ہوگا ایسے پاگل میزبانوں کے پاس کون آنا چاہے گا، اب تو ہمارے جانے میں بھی ایک دن رہ گیا ہے۔‘‘

شمامہ کی بوریت عروج پر تھی جب کہ میں نے اس کا جواب سن کر بے اختیار سکون کا سانس لیا تھا بلکہ جانے کے خیال سے میرا اطمینان گوناگوں بڑھ گیا تھا کیونکہ میں یہاں رہتے ہوئے اچھی خاصی بور ہوگئی تھی اور جلد سے جلد اپنے گھر جانا چاہتی تھی یہ اور بات تھی کہ رومیس کے خیال نے لمحہ بھر کے لےے میرے جانے کی خوشی پر اوس ڈال دی لیکن میں شمامہ کی طرح بے وقوف اور جذباتی نہیں تھی جو خوامخواہ کے دکھ پالتی۔

ویسے بھی اتنی ساری دیوانی کزنز کے بیچ وہ خود کو شہزادہ گلفام ہی سمجھتا ہوگا ایسے میں، میںکسی بے قراری کا مظاہرہ کر کے اس کی انا کو مزید تسکین نہیں پہنچانا چاہتی تھی دوسرے یہ کہ اس کے آنے سے مجھے ایک دھڑکا لگ جاتا تھا کہ اب وہ میرے بارے میں کچھ کہے گا یا کچھ بتا دے گا مجھے تائی امی سے ڈانٹ پڑنے کی فکر نہیں تھی ا س کی تو میں عادی تھی بلکہ پریشانی صرف اس بات کی تھی کہ میرے کارنامے کا علم ہوتے ہی وہ سب کے سامنے مجھے سراہنا شروع کردیں گی اور اپنی ’’خوبیاں‘‘ میں اتنے سارے لوگوں کو کے سامنے گنوانا نہیں چاہتی تھی آخر کو اتنے ’’گنوں‘‘ والی لڑکی کو نظر بھی لگ سکتی تھی۔

مگر پھر بھی میں ایک بار رومیس سے بات ضرور کرنا چاہتی تھی۔ شمامہ کے کزن آذر بھائی کا ہیلمٹ اس کے پاس تھا، میں جانے سے پہلے وہ ہیلمٹ اسی خاموشی سے ان کے کمرے میں رکھنا چاہتی تھی جس خاموشی سے میں نے اسے اٹھایا تھا مگر میں اسے سب کے سامنے مخاطب نہیں کرنا چاہتی تھی تبھی میرے انوکھے ذہن میں ایک اور نادر خیال آیا۔

’’شمامہ، رومیس کا گھر اسی محلے میں تو ہے تم جانے سے پہلے ایک بار ان کے گھر کیوں نہیں چلی جاتیں۔‘‘ توقع کے عین مطابق شمامہ چونک کر مجھے دیکھنے لگی۔

’’یہاں سب کے سامنے بات نہیں ہوتی تو اس کے گھر چلتے ہیں تمہاری ان چڑیلوں سے ذکر بھی نہیں کریں گے ورنہ وہ بھی ساتھ چمٹ جائیں گی وہاں جا کر کہہ دیں گے آج رات ہماری فلائیٹ ہے جانے سے پہلے تمہاری ممانی کی امی کو سلام کرنے آئے ہیں، آخر ممانی نے اتنے دن ہماری مہمان نوازی کی ہے اتنا تو فرض بنتا ہے نا ہمارا۔‘‘ شمامہ کی باچھیں ایسے کھل گئی تھیں جیسے کسی نے انگلی ڈال کر چیر دی ہوں اسے رضامند دیکھ کر میں بھی دل ہی دل میں مسکرادی اب میں اپنے پلان پر آرام سے عمل کر سکتی تھی۔

ئ ئ ئ

اگلے دن ہم دونوں اپنے اپنے مشن پر نکل کھڑی ہوئیں مگر فرق صرف اتنا تھا کہ میرا مشن کامیاب ہونے والا تھا جب کہ شمامہ کا ناکام۔ کیونکہ اسے رومیس کے معمولات کا پتا ہی نہیں تھا میرے کہنے پر وہ دوپہر کے کھانے کے بعد فوراً نکل کھڑی ہوئی۔ آنکھوں میں ڈھیر سارے خواب سجائے کہ رومیس سے ملاقات ہوگی لیکن میں جانتی تھی وہ اس وقت ٹیوشن پر گیا ہوا ہوگا اسی لےے میں نے جانے کے لےے یہ وقت چنا تھا۔

میں بڑی خوشی خوشی ان کے گھر جا پہنچی۔ مجھے امید تھی میں اس کے کمرے تک بھی آسانی سے رسائی حاصل کرلوں گی مگر وہاں جا کر تو میرا دماغ ہی گھوم گیا۔ تائی امی کی بھابھی کا میکا تائی امی کے میکے سے بھی زیادہ بھرا پُرا تھا اور اس پر ستم یہ کہ زیادہ تر لڑکے ہی تھے جو لڑکیاں تھیں وہ یا تو بہت چھوٹی تھیں چوتھی، پانچویں کی بچیاں یا اتنی بڑی تھیں کہ پیا دیس سدھار چکی تھیں اور جو لڑکے تھے وہ وہی تھے جن کے سامنے میں اپنی شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کر چکی تھی۔

میرے انوکھے ذہن نے رومیس کو تو کئی بار اپنے گھر میں داخل ہوتے اور باہر نکلتے دیکھا تھا مگر دوسرے لڑکے کن گھروں سے آتے تھے اس بات پر میں نے کبھی دھیان نہیں دیا تھا۔ اصل میں ان سب کو میں محلے کے لڑکے سمجھ کر زیادہ اہمیت نہیں دیتی تھی، رومیس تو تب توجہ کا مرکز بنا تھا جب مجھے یہ علم ہوا کہ وہ عالیہ وغیرہ کا رشتے دار ہے یا پھر اسے قریب سے دیکھنے کے بعد میں نے غور کیا تھا کہ وہ کس گھر سے نکلتا تھا کتنے بجے کھیلنے آتا تھا اس لےے اس کے گھر میں قدم رکھتے ہی مجھے پہلی بار خود پر شدید غصہ آیا۔

شمامہ کو بھی رومیس کے گھر پر نہ ہونے کا پتا چلنے پر کوفت ہوئی تھی مگر وہ بھی میری ہی کزن تھی جلد ہی اس دکھ سے نکل آئی۔ ویسے بھی اسے کمپنی دینے کے لےے یہاں کئی لڑکے موجود تھے لہٰذا تھوڑی ہی دیر میں وہ ان کے ساتھ موبائل میں مختلف رنگ ٹون بھروانے میں مصروف ہوگئی اور میں ایک سنگل صوفے پر بیٹھی کڑھتی رہی دراصل گیٹ کھلتے ہی جب مجھے وہ لڑکا نظر آیا جس کے ساتھ میں نے کرکٹ کھیلا تھا تو میں نے جھٹ پٹ گھونگھٹ نکال لیا، شمامہ نے میری اس حرکت پر حیرانی کا اظہار بھی کیا مگر میں نے توجہ نہ دی۔

اب اتنی پردہ پوش خاتون بننے کے بعد ظاہر ہے میں ان لڑکوں کے پاس جا کر نہیں بیٹھ سکتی تھی اور اس وقت تو مجھے آگ لگ گئی جب ان لڑکوں نے اپنے شان دار بنگلے کی سیر کرانے کی آفر کی، جتنا گھر مجھے نظر آیا تھا اسے دیکھ کر تمام کمروں کو دیکھنے کا تجسّس خود بخود جاگ اٹھتا تھا مگر میرے اٹھنے سے پہلے میری بچپن کی حاسد، میرے ارمانوں کی قاتل، میری چڑ، عرف عام میں میری کزن شمامہ نے یہاں بھی ٹانگ اڑانا ضروری سمجھا اور پھٹے ہوئے ڈھول کی طرح ہنستے ہوئے کہنے لگی۔

’’ارے یہ گھر دیکھ کر کیا کرے گی اس کے اندر ابھی ابھی کوئی بڈھی روح گھس گئی ہے، اسے یہیں بیٹھا رہنے دو جب تمہاری دادی سو کر اٹھیں گی تو اسے ان کے پاس بٹھا دینا یہ ایسے لوگوں کے ساتھ ہی فٹ ہوگی۔‘‘ میں اس کی بات پر اتنی بری طرح تلملا گئی تھی کہ ان کے منظر سے ہٹتے ہی میں بغیر کسی کو بتائے کھٹ کھٹ کرتی فوراً وہاں سے آگئی جتنا میرا دل جل گیا تھا اتنا ہی شمامہ کا وہاں دل لگ گیا تھا وہ پورے دو گھنٹے بعد وہاں سے لوٹی تھی۔

میں یہ سوچ سوچ کر آگ بگولا ہوتی رہی کہ رومیس اب تک آچکا ہوگا اور وہ رومیس سے کھلکھلا کر باتیں کر رہی ہوگی۔

میرا پلان ناکام ہوگیا جبکہ اس کا پلان کچھ زیادہ ہی کامیاب ثابت ہوا تھا کیونکہ میں کباب میں ایک ہڈی تھی اور وہ بھی خود بخود نکل گئی، شام کو پانچ بجے جب وہ بڑے خوش گوار انداز میں گنگناتی ہوئی واپس آئی تو میرا بس نہیں چل رہا تھا اس کے بال نوچ لوں اور اوپر سے آتے ہی وہ کہنے لگی۔

’’تمہیں کیا ہوگیا تھا۔ کتنی ایڈیٹ لگ رہی تھیں تم گھونگھٹ نکال کر۔‘‘ جلنے بھننے میں اگر کوئی کمی رہ گئی تھی تو وہ اس کے تمسخرانہ انداز نے پوری کر دی۔ میں نے ناراضی کے اظہار کے طور پر نہ اس کے سوال کا جواب دیا اور نہ خود سے کوئی سوال کیا کہ اسے وہاں اتنی دیر کیوں لگ گئی یا یہ کہ رومیس سے کوئی بات ہوئی یا نہیں۔ پتا نہیں جواب میں کیا سننے کو مل جائے فی الحال میں مزید صدمے جھیلنے کی حالت میں نہیں تھی۔

مگر سدا کی بے حس شمامہ نے میری ناراضی کی رتی برابر پروا نہ کی اور اٹھلاتی ہوئی اپنی کزن کے پاس جا بیٹھی اور اپنے موبائل میں بھروائی تازہ تازہ رنگ ٹون اسے سنا کر اسے جلانے کی کوشش کرنے لگی۔

کیونکہ یہ سارا کچھ اس نے ان ہی کے کزنز سے حاصل کیا تھا۔

میں خود کو مصروف ظاہر کرنے کے لےے بلاوجہ بیگ کھولنے اور بند کرنے لگی ۔ ویسے بھی آج رات دو بجے ہماری فلائیٹ تھی سب یہی سمجھے کہ میں واقعی بہت بزی ہوں اور یہی میری بد قسمتی اور ان کی خود غرضی کی انتہا تھی کہ مجھے مصروف سمجھ کر وہ مجھ سے ذکر کےے بغیر آئس کریم کھانے نکل گئے۔ میں جب کمرے سے نکلی تب گھر میں چھائی خاموشی پر شمامہ کی نانی سے استفسار پر مجھے علم ہوا ان کی اس چالاکی اور بداخلاقی کا۔

دل جل جل کر پہلے ہی اتنا ادھ موا ہوگیا تھا کہ مزید سلگنے کا یارا نہیں تھا۔ میں پائوں پٹختی دروازہ کھول کر لان میں آگئی۔ اس سے پہلے کہ میں دل ہی دل میں انہیں گالیوں سے نواز کر اندر کی کھولن کو کچھ کم کرتی، رومیس گیٹ سے اندر داخل ہوتا دکھائی دیا۔ ایک تو جانے اس گھر کا گیٹ دعوتِ عام کی طرح ہر وقت کھلا کیوں رہتا تھا، نو وارد جب بالکل سر پر پہنچ جاتا تب مہمانوں کی آمدکا علم ہوتا اور تب تک میزبان کے پاس حلیہ ٹھیک کرلینے کا وقت بھی نہ رہتا۔

میں نے صبح سے بالوں میں کنگھا بھی نہیں کیا تھا کیونکہ بال بنانے کے بعد بھی وہ ایسے ہی رہتے تھے پھر بھی میں کم از کم اپنے بے تحاشا گھنگھریالے بالوں کو کھینچ کھانچ کر بینڈ میں ہی قید کر لیتی مگر اب میں سر پر رکھے اسے گچھّے کے ساتھ ہی اس سے بات کرنے پر مجبور تھی کیونکہ وہ عین میرے سامنے آکھڑا ہوا تھا۔

’’آج رات کی فلائیٹ سے آپ واپس جارہی ہیں۔‘‘

اس نے ایسا کہا جیسے مجھے اطلاع دے رہا ہو حالانکہ مجھے تو یہ بھی خبر تھی کہ اسے یہ اطلاع کن ذرائع سے پہنچی ہے اور یہ یاد آتے ہی میرے چہرے کے تاثرات مزید سپاٹ ہوگئے مجھے بدستور خاموش دیکھ کر وہ کہنے لگا۔

’’دوبارہ کب آنے کا پروگرام بنے گا آپ کا؟‘‘ اس کے سادگی سے پوچھنے پر میں مزید چڑ گئی۔ دل تو چاہا تڑخ کر کہہ دوں جس کا انتظار ہے اسی سے پوچھو، میرا دماغ کیوں کھا رہے ہو (وہ پہلے ہی کم ہے) مگر جب بولی تو الفاظ خود بخود کچھ بہتر ہوگئے شاید اس کی شخصیت کا اثر تھا۔

’’میرا دوبارہ کبھی بھی آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ویسے آپ کی اطلاع کے لےے عرض ہے شمامہ اور اس کے تمام کزنز ا س وقت گھر پر نہیں ہیں۔‘‘ عادت سے مجبور تھی نا آخر نہ چاہتے ہوئے بھی میں نے اسے جتا ہی دیا۔

’’مجھے معلوم ہے میںاپنی بالکونی سے انہیں گاڑی میں جاتا ہوا دیکھ چکا ہوں۔‘‘ اس نے اطمینان سے کہا تو میں چونک اٹھی۔ بے اختیار میری نظریں اس کے گھر کی طرف اٹھ گئیں اس کی اونچی سی کوٹھی یہاں سے صاف نظر آرہی تھی گویا لان کا منظر بھی بالکونی سے صاف دکھائی دے رہا ہوگا شاید میرے چہرے پر لکھی تحریر اس نے پڑھ لی تھی تبھی خود ہی وضاحت دینے لگا۔

’’دراصل آپ کو یہاں دیکھ کر میں نے سوچا چل کر پوچھ لوں اس ہیلمٹ کا کیا کرنا ہے؟‘‘ میںنے گھبرا کر اپنے ارد گرد دیکھا کہیں کسی نے سن تو نہیں لیا مگر وہ میری کیفیت سے بے خبر بولتا رہا۔

’’میرے خیال سے وہ ہیلمٹ آذر بھائی کا ہے وہ آج کل ہیلمٹ کے بغیر ہی بائیک پر آفس جارہے ہیں۔‘‘

وہ سادگی سے کہہ رہا تھا مگر مجھے لگ رہا تھا جیسے وہ جتا رہا ہو کہ اسے علم ہے میں نے آذر بھائی کا ہیلمٹ چوری کر کے استعمال کیا تھا اور آذر بھائی کو بغیر ہیلمٹ کے آفس جاتا دیکھ کر بھی مجھے اتنا احساس نہیں کہ اسے واپس لینے کے لےے رومیس سے خود تقاضا ہی کرلوں۔

’’آپ کہیں تو میں آپ کو وہ ہیلمٹ لادوں اور اگر آپ کے لےے انہیں واپس کرنا مشکل ہے تو یہ کام میں خود کردوں گا آپ کے جانے کے بعد۔‘‘ اس کے پوچھنے پر میں مزید حواس باختہ ہوگئی میرے کارنانے کا انہیں علم کیوں ہو۔

’’آپ اتنا گھبرا کیوں رہی ہیں، بے فکر رہیں میں آذر بھائی کو وہ ہیلمٹ ایسے لوٹا دوں گا کہ آپ کا نام بھی بیچ میں نہیں آئے گا۔‘‘ میری مسلسل خاموشی اور ہوائیاں اڑتا چہرہ اسے کافی کچھ سمجھا گیا تھا جو کہ مجھے کافی گراں گزرا تھا ۔ کیا تھا جو وہ اس راز کو نہ پاتا کہ میں اپنا پول کھل جانے کے خیال سے خوف زدہ ہوں، میرے نادر دماغ نے اسے جھٹلانے کے لےے فوراً تانے بانے بننے شروع کر دےے۔ ویسے بھی اس کی پیش کش بڑی موزوں تھی جسے سنتے ہی میرے حواس کچھ قابو میں آگئے تھے۔ تب ہی میں نے قدرے سنبھلتے ہوئے کہا۔

’’آ۔۔۔۔ اچھا آپ اس ہیلمٹ کی بات کر رہے ہیں میں سمجھی ہی نہیں، آپ نے آتے ہی جانے کس بارے میں گفتگو شروع کر دی دراصل میں نے آپ کو پہچانا ہی نہیںتھا اس دن میچ کے وقت اتنے لڑکے تھے اور آپ کی شکل بھی ایسی کامن سی ہے کہ میں تو بالکل بھول ہی گئی تھی۔ ہاں تو آپ کیا کہہ رہے تھے وہ ہیلمٹ آپ آذر بھائی کو دے دیں گے، بھئی اتنی زحمت کی کیا ضرورت ہے آپ ابھی مجھے لادیں میں انہیں لوٹا دوں گی۔‘‘

میں نے حتی الامکان اپنے لہجے کو سرسری بنالیا اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ وہ ہیلمٹ میں نے آذر بھائی سے پوچھ کر ہی لیا تھا حالانکہ یہ بات وہ ان سے کنفرم کر سکتا تھا مگر یہ کام وہ میرے جانے کے بعد ہی کر سکتا تھا مگر اس سے زیادہ میرے اختیار میں اور تھا بھی کیا۔ شاید اسی لےے میں کچھ زیادہ ہی بول گئی تھی مگر میری بات پر دلبرداشتہ ہونے کے بجائے اس کے چہرے پر بھرپور مسکراہٹ ابھر آئی تھی۔ جانے وہ اپنی بے عزتی پر اتناخوش کیوں ہوگیا تھا۔ شاید کسی لڑکی نے کہہ دیا ہوگا کہ تم مسکراتے ہوئے بڑے اچھے لگتے ہو اس لےے وہ میری بات کو غلط ثابت کرنے کے لےے فوراً ٹوتھ پیسٹ کا اشتہار بن گیا حالانکہ خوامخواہ مسکرانے والے لوگ بے وقوف ہوتے ہیں۔

’’وہ لوگ کسی بھی لمحہ آنے والے ہوں گے میں ہیلمٹ لاکر آپ کو دوں پھر آپ انہیں لوٹائیں اس جھنجھٹ سے تو اچھا ہے آپ اطمینان سے اپنے گھر جائیں میں کسی بھی وقت موقع ملنے پر وہ ہیلمٹ لاکر ان کے کمرے میں رکھ دوں گا۔‘‘ بات کے اختتام پر اس کی مسکراہٹ اور گہری ہوگئی تھی اس نے یہ باور کرانے کی پوری کوشش کی تھی کہ بھلے ہی تم مانو یا نہ مانو مجھے یقین ہے کہ تم نے وہ ہیلمٹ چرا کر ہی استعمال کیا تھا۔

میں صرف اسے دیکھ کر رہ گئی کچھ بھی تھا وہ میری مدد کرنے کے لےے آمادہ تھا اور یہ کام اس کے لےے میری نسبت زیادہ آسان بھی تھا۔ پھر اس کی شکل ایسی تھی کہ مجھے اس پر خوامخواہ بھروسہ ہوگیا تھا اور میں نے مان لیا کہ وہ میری اس حرکت کے بارے میں کچھ نہیں بتائے گا اخلاقاً اور مروتاً مجھے اس کا شکریہ ادا کرنا چاہےے مگر شمامہ جس طرح اس کے گھر سے خوشی خوشی لوٹی تھی وہ منظر مجھ سے بھلائے نہیں بھول رہا تھا حالانکہ وہ اپنے کسی بھی فعل کے لےے میری اجازت کا پابند نہیں تھا مگر میں ایسے خفا تھی جیسے شمامہ سے بات کر کے یا اسے کمپنی دے کر اس نے بہت بڑے جرم کا ارتکاب کردیا ہو کیونکہ مجھے معلوم تھا اس شام ٹیوشن سے واپس آکر وہ گھر پر ہی ٹھہرا رہا تھا۔ اس شام وہ اور اس کے کزنز اپنے مخصوص وقت پر کرکٹ کھیلنے نہیں نکلے تھے ظاہر ہے شمامہ جیسی حسین لڑکی کے گھر میں ہوتے ہوئے گھر سے نکلنے کی بے وقوفی کون کرتا۔

’’ٹھیک ہے آپ اتنا اصرار کر رہے ہیں تو اوکے ایز یو وش۔۔۔‘‘ شمامہ کے اٹھلاتے انداز یاد کر کے میرا لہجہ خود بخود کھردرا ہوگیا تھا یہی نہیں میں اپنے انداز میں زمانے بھر کی بے نیازی سمو کر اندر کی طرف بڑھ گئی مگر اس نے بھی انکساری کی حد کر دی میرے پلٹ جانے کے باوجود وہ کہنے سے باز نہ آیا۔

’’تھینکس آلاٹ ، آپ نے اس قابل سمجھا۔‘‘ اس کے انداز میں طنز نہیں تھا بلکہ آہستگی سے کہتا وہ خود بھی جانے کے لےے پلٹ گیا تھا اور اس کے گیٹ عبور کرنے کے بعد میں نے بڑی بے چارگی سے گہرا سانس کھینچا تھا۔ اس کی صرف شکل ہی اچھی نہیں تھی وہ خود بھی بڑا مہذب اور سلجھا ہوا تھا۔ یہاں شمامہ کے ایک سے ایک نمونہ کزنز کو دیکھنے کے بعد میں اس کی خوبیوں کی کچھ زیادہ ہی قائل ہوگئی تھی مگر شمامہ کی وجہ سے میںاس کے ساتھ کچھ زیادہ ہی سرد مہری سے پیش آگئی تھی وہ اتنے خشک روےے کا مستحق نہیں تھا مگر شمامہ پر جو غصہ تھا وہ کہیں تو نکلنا تھا۔

کمرے میں آنے کے بعد بھی مجھے کافی دیر تک اپنے اندازِ گفتگو پر افسوس ہوتا رہا پھر یہ خیال بھی مجھے کچھ افسردہ کر گیا تھا کہ پتا نہیں زندگی میں دوبارہ کبھی اس سے ملاقات ہوگی یا نہیں۔

اپنے شہر آنے کے بعد بھی کچھ دن تک مجھے باقاعدگی سے اس کا خیال آتا رہا، شمامہ اس معاملے میں کافی بے وفا ثابت ہوئی تھی وہ آتے ہی فیشن ڈیزائننگ کے کورس میں اتنی مصروف ہوئی کہ اس نے رومیس کا کبھی ذکر ہی نہیں کیا۔ خود میں بھی اپنی ہنگامہ خیز زندگی میں اسے یاد کرنے کے لےے زیادہ وقت نہ نکال سکی اور اپنی عادت کے مطابق جلد سب فراموش کر بیٹھی۔

مگر اب دو سال بعد اچانک تائی امی اور شمامہ نے صدمے اور اندیشے کا ملا جلا ڈنڈا مار کر نا صرف میری یادداشت واپس لوٹا دی بلکہ مجھے پہلے سے زیادہ ذہین فطین اور متحرک بھی بنا دیا لہٰذا میرا نادر ذہن تیزی سے ایک لائحہ عمل ترتیب دینے لگا جو رومیس کی والدہ کو سیدھا میرے بابا جان کے پاس میرے رشتے کے لےے کھینچ لاتا۔

ئ ئ ئ

وقت کی میرے پاس سخت قلت تھی میرے نادر ذہن میں خیالات تو ایک سے ایک شان دار آرہے تھے مگر ان پر عمل کرنے کی اجازت گھڑی دے رہی تھی نہ جیب کیونکہ یہ شان دار خیالات مجھے شمامہ کو دیکھ دیکھ کر ہی آرہے تھے مگر اس کے ساتھ تو اس کی ماں تھی اس لےے وہ اپنی ہر خواہش اور ہر ارادے پر عمل کر سکتی تھی۔

کالج سے واپسی پر مجھے شاہد سے پتا چلا کہ شمامہ آج کالج کے بجائے تائی امی کے ساتھ بازار چلی گئی تھی وہ دونوں بے حساب کپڑے خرید کر لائی تھیں جنہیں کھانا کھانے کے بعد وہ لے کر دوبارہ گھر سے نکل گئیں۔

عقل مند کے سمجھنے کے لےے اشارہ ہی کافی ہوتا ہے لہٰذا میں فوراً سمجھ گئی کہ وہ کپڑے لے کرٹیلر کے پاس گئی ہوں گی میں فوراً شمامہ کے کمرے کی تلاشی لینے پہنچ گئی تو سامنے ہی بستر کے نیچے جوتے کے ڈبے رکھے نظر آگئے جنہیں کھول کر دیکھتے ہی دل خاک ہو گیا۔ کیا خوب صورت کلر اور ڈیزائن کے جوتے تھے پہلے ہی شمامہ کے پاس کپڑوں اور زیور کی کمی نہیں تھی بلکہ اسے تو سرے سے شاپنگ کی ضرورت ہی نہیں تھی پھر بھی اس نے مہنگی سے مہنگی چیزیں خرید ڈالی تھیں اور منحوس کو ورائٹی بھی کیسی شان دار مل گئی تھی ہونہہ اللہ مہربان تو گدھا پہلوان۔

کلستے دل کے ساتھ ڈریسنگ ٹیبل کاجائزہ لیا تو مصنوعی جڑائو زیورات دیکھ کر آنکھیں خیرہ ہوگئیں۔ دل چاہا سب کچھ اٹھا کر بھاگ جائوں مگر کوئی فائدہ نہیں تھا ان کا چرایا زیور ان ہی کے سامنے کیسے زیب تن کرتی آخر دل مسوستے ہوئے کمرے سے جانے لگی مگر ابھی نصیب میں ایک صدمہ اور لکھا تھا اس کی سائیڈ ٹیبل پر الٹ پلٹ پڑے میگزین دیکھ کر جب میں نے انہیں قریب جا کر کھولا تو میں چکرا کر بستر پر بیٹھ گئی۔

وہ فیشن میگزین جگہ جگہ سے کٹے ہوئے تھے مگر یہ میگزین میرے ہزار بار کے آنکھیں گاڑ گاڑ کر دیکھے ہوئے تھے اس لےے میں دیکھتے ہی سمجھ گئی کہ شمامہ کون کون سے ڈیزائنز کاٹ کر ٹیلر کے پاس لے گئی ہے۔

ان جدید تراش خراش کے کپڑوں پر لاگت جو آئے گی سو آئے گی اصل حیرت تو مجھے تائی امی پر ہورہی تھی وہ اتنی ماڈرن بلکہ بے باک کیسے ہوگئیں اس میگزین میں ایک بھی سوٹ کی آستینیں نہیں تھیں اور میں نے اور شمامہ نے کبھی بغیر آستینوں کے کپڑے نہیں پہنے تھے یہی نہیں نہایت تنگ ٹرائوزر جن پر گھٹنوں تک کٹ لگے تھے ایسے کپڑے پہننے کا ہم نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا حالانکہ بابا جان اور تایا ابا کی طرف سے ایسی کوئی پابندی نہیں تھی وہ دونوں اپنے بزنس میں مصروف کسی حد تک گھر سے غافل لوگ تھے اس لےے تائی امی ہر چیز کی کل مالک و مختار ہوگئیں لیکن بہرحال ایسی بے حیائی کا ماحول گھر میں ہرگز نہیں تھا۔

لیکن شمامہ یہ کپڑے تائی امی کی موجودگی میں ٹیلر کو دینے گئی تھی گویا یہ سب ان کی مرضی بلکہ ان کے مشورے پر ہی ہورہا تھا یعنی رومیس کی ماں بہنیں بہت آزاد خیال ہوں گی تب ہی تائی امی نے شمامہ کا پورا حلیہ بدل دینے کی ٹھان لی تھی ظاہری بات ہے اپنی بھابھی کی بھابھی کو وہ اچھی طرح جانتی ہوں گی اگر یہی حالات رہے تو میں تو بہت پیچھے رہ جائوں گی مجھے بھی کچھ کرنا ہوگا۔

میں اٹھ کر تیزی سے اپنے کمرے میں آگئی۔ نئے کپڑے بنانے کی گنجائش نہیں تھی بابا جان سے اتنے پیسے نکلوانا بڑا مشکل تھا جبکہ اپنی الماری کھول کر دیکھنے پر میرا دماغ بھک سے اڑ گیا۔ سارے کپڑے پوری آستینوں کے ڈھیلے ڈھالے جوڑے تھے۔

کچھ دیر اپنی چوائس پر آنسو بہانے کے بعد آخر میرے ذہن میں ایک زبردست آئیڈیا آ ہی گیا میں نے اپنے تمام بہترین سوٹز ہینگر میں سے نکال لےے اور تائی امی کے کمرے میں پہنچ گئی۔ تائی امی کو سلائی آتی تھی مگر نظر کی کمزوری کا بہانہ کر کے وہ عرصہ دراز سے کپڑے درزی سے ہی سلوا رہی تھیں، ان کی وجہ سے ہم دونوں کو بھی سینا پرونا آگیا تھا مگر ہم پڑھائی میں مصروفیت کا بہانہ کر کے سارے کپڑے ٹیلر کو دے دیتے پھر بھی مجھے اپنی سلائی پر اتنا بھروسہ تھا کہ میں نے بڑے اعتماد سے قمیص کی آستینیں کاٹ ڈالیں اور چوڑائی بھی کم کر دی شلوار کو بھی بڑی مہارت سے اتنا چھوٹا اور تنگ کر دیا کہ اسے کچھ بھی کہہ سکتے تھے سوائے شلوار کے۔

ٹخنوں سے ایک بالشت اونچی چوڑی دار سے بھی زیادہ تنگ شلوار پر جب میں نے نہایت چست اور سلیو لیس قمیص پہنی تو ایک لمحے کے لےے اس حلےے میں کمرے سے باہر جانے کے خیال سے میرے پسینے چھوٹ گئے مگر جب میں نے بے اختیار آئینے کی طرف دیکھا تو خود کو دیکھتی رہ گئی۔ کتنی اسمارٹ تھی میں، کس قدر سوٹ کر رہے تھے مجھ پر یہ کپڑے، آخر اتنے گھنٹوں سائیکلنگ کرتی تھی فیگر تو بہترین ہونا ہی تھا۔

آئینہ دیکھ کر میں اپنے ہی حسن کے فسوںپر فدا ہوگئی تھی مگر وقت کی قلت کے باعث میں جلد ہی اس سحر سے باہر آگئی، فوراً ہی کپڑے تبدیل کر کے میں نے اس قمیص کے ناپ سے دوسری تمام قمیصیں کاٹ ڈالیں لیکن ابھی میں دوسری شرٹ ہی سینے بیٹھی تھی کہ ڈور بیل کی آواز پر میں نے ہڑ بڑا کر سب کچھ سمیٹنا شروع کر دیا میں نہیں چاہتی تھی کہ شمامہ اور تائی امی کو ابھی سے میرے اقدام کے بارے میں پتا چل جائے۔ تمام چیزیں مشین میں واپس رکھ کر میں سلائی مشین بند کر کے اپنے کمرے میں آگئی۔

شمامہ حسبِ عادت چہکتی ہوئی آرہی تھی اس لےے اس کے بولنے کی آوازیں صاف سنائی دے رہی تھیں۔

’’امی اگر ٹیلر نے میرے سارے جوڑے دو دن میں نہ دےے تو تیسرے دن میں پولیس کو لے کر اس کی دکان پر پہنچ جائوں گی۔

’’اس نے کہا تو ہے دو دن میں دے دے گا۔‘‘ تائی امی کی جس طرح جھنجھلائی ہوئی آواز سنائی دی اس سے صاف ظاہر تھا شمامہ نے یہ بات کوئی دسویں بار کہی ہوگی۔ ویسے بھی وہ درزی کے پاس سے آرہی تھی دکان دار کے ساتھ ساتھ اس نے تائی امی کا دماغ بھی خوب کھایا ہوگا تب ہی وہ اتنی بے زار ہورہی تھیں اور تب ہی مجھے اتنا وقت بھی مل گیا لیکن اب باقی کے کپڑوں کو ٹھیک کرنا اتنا آسان نہیں تھا اگر میں کالج سے چھٹی بھی کرلیتی تب بھی تائی امی تو گھر پر ہی تھیں اور میں ان کی موجودگی میں کپڑوں میں میں کوئی تبدیلی نہیں کرنا چاہتی تھی اور کر بھی نہیں سکتی تھی جب کہ میرے پاس صرف دو ہی دن تھے تیسرے دن تائی امی کی بھابھی اور بھابھی کی بھابھیاں تشریف لارہی تھیں یعنی کہ میری ہونے والی سسرال۔

ہائے میں مرجاواں۔۔۔

ئ ئ ئ

اگلے دن کلاس روم میں بھی میرا دھیان ان کٹے ہوئے کپڑوں میں ہی الجھا رہا مگر گھر آتے ہی میں سب کچھ بھول بھال گئی کیونکہ ساری توجہ شمامہ پر مرکوز ہوکر رہ گئی۔

وہ آج بھی کالج نہیں گئی تھی اور جہاں سے وہ لوٹی تھی وہاں سے لوٹنے کے بعد وہ، وہ نہیں رہی تھی جو وہ تھی اس کی گوری رنگت مزید نکھر کر چمکنے لگی تھی۔ چہرے پر ا س نے جانے کیا کیا تھا وہ تو میری سمجھ میں نہ آیا مگر بالوں کے رنگ میں تبدیلی پہلی نظر میں ہی محسوس ہوگئی تھی۔

اس کے لمبے ریشمی بال جو پہلے سیاہ رنگ کے تھے اب کچھ سنہری سے ہوگئے تھے اور اس کی گوری رنگت پر بلامبالغہ اتنے جچ رہے تھے جیسے یہی اس کے بالوں کا اصل رنگ ہو وہ اس وقت واقعی مشرقی و مغربی حسن کا حسین امتزاج لگ رہی تھی۔

میں گم صم سی اسے اپنے ریشمی بالوں کو ایک کندھے سے دوسرے کندھے پر جھٹکتے ہوئے دیکھتی رہی وہ کپڑے جو وہ ٹیلر کو دے کر آئی تھی وہ میں نے دیکھے نہیں تھے مگر تصور کی آنکھ سے شمامہ کو ان بالوں کے ساتھ ان جدید طرز کے بنے کپڑوں میں ملبوس دیکھ کر میں ماہی بے آب کی طرح تڑپنے لگی تھی مگر میرا یہ تڑپنا اور کڑھنا صرف میری روح تک محدود تھا کیونکہ میرا چہرہ بالکل سپاٹ تھا۔

بظاہر میں بڑے سکون سے کھانے کی میز پر بیٹھ گئی تھی مگر میں کھانا کم کھا رہی تھی اور صبر کے گھونٹ زیادہ پی رہی تھی کیونکہ شمامہ کھانے کے دوران اپنے بھائی شاہد کی طرح بار بار انگلیاں اپنے بالوں میں پھیرے جارہی تھی۔ مجھے ہر بار اذیت کا احساس ہونے کے ساتھ ساتھ بوریت بھی محسوس ہورہی تھی کیونکہ ہر بار اس کی اس حرکت کے بعد میری نظریں اپنے روکھے سوکھے بالوں میں الجھ جاتیں، ساتھ ہی اس لڑکے کا جملہ یاد آجاتا جس نے ہیلمٹ اتارنے کے بعد میرے بالوں کو چڑیا کا گھونسلہ کہہ دیا تھا اس کی یہ تشبیہ اس قدر موزوں تھی کہ اس دن کے بعد سے مجھے خود بھی ایسا لگنے لگا تھا جیسے میں نے سچ مچ کوئی گھونسلہ سر پر رکھ لیا ہے۔ شاید اسی کو کہتے ہیں برین واش ہوجانا۔

شام میں تایا ابا اور بابا جان نے بھی شمامہ کو دیکھتے ہی سراہا تو میری رگوں میں شیطان دوڑنے لگا۔ تایا ابا اور بابا جان کا شمار ان لوگوں میں ہوتا تھا جن کے سامنے کوئی گنجا ہو کر بھی آجائے تو وہ پہلی غیر ارادی نظر کے بعد اس پر دوسری نظر نہ ڈالیں جب کہ شمامہ کی یہ تبدیلی نا صرف انہیں نظر آگئی بلکہ پسند بھی آگئی۔ میں اسی رات بابا جان کے کمرے میں پہنچ گئی وہ کسی کتاب کے مطالعے میں غرق تھے۔

’’بابا جان! اگر میرے بال بھی شمامہ جیسے ہوجائیں تو میں بھی اچھی لگوں گی نا۔‘‘ بابا جان کتاب سامنے سے ہٹا کر چونک کر مجھے دیکھنے لگے۔

’’بیٹے! آپ تو ابھی بھی بہت اچھی ہیں۔‘‘ (آہ ! والدین کی نظر میں انہیں اپنی اولاد چاند کا ٹکڑا ہی نظر آتی ہے چاہے وہ بھینس کا ٹکڑا ہی کیوں نہ ہو)

’’اچھی تو شمامہ بھی ہے مگر اس نے بھی اپنے بال ڈائی کرالےے اگر تھوڑے سے چینج کے لےے میں بھی بال ایسے کرلوں تو کیا حرج ہے۔‘‘ شمامہ یہاں موجود نہیں تھی نہ ہی اس کے سن لینے کے امکان تھے پھر بھی میں سرگوشیانہ انداز میں بولی تھی۔

’’ٹھیک ہے کرالو۔‘‘ انہوں نے کتاب دوبارہ ایسے سامنے کرلی جیسے کہہ رہے ہوں جو جی میں آتا ہے کرو بس میری جان چھوڑ دو مگر میں ان کی جان اتنی آسانی سے نہیں چھوڑ سکتی تھی اس لےے کہنے لگی۔

’’بابا جان! ڈائی کرانے کے لےے پیسے چاہےے ہوں گے۔‘‘

’’اچھا کتنے پیسے لگیں گے۔‘‘ کتاب شاید کچھ زیادہ ہی دلچسپ موڑ پر تھی اور میں اس سے بھی زیادہ تشویش ناک دوراہے پر کھڑی ہوئی تھی۔

پارلر میں ڈائی کرانے کے کیا چارجز تھے یہ تو مجھے نہیں پتا تھا مگر اس وقت اگر بابا جان پیسے دینے کے لےے تیار تھے تو مجھے زیادہ پیسوں کا ہی مطالبہ کرنا چاہےے تھا تاکہ اضافی رقم سے میں دوسرے کام کراسکوں یہی سوچتے ہوئے میں نے دو ہزار روپے مانگ لےے بابا جان نے فوراً کتاب بند کر کے میری طرف دیکھا تو میں ہڑبڑا گئی۔ شاید میں نے کچھ زیادہ ہی پیسوں کا تقاضا کر دیا تھا۔ اب کہیں بابا جان دینے سے ہی منع نہ کردیں۔

’’دو ہزار۔۔۔؟‘‘ بابا جان نے بھنویں اچکاتے ہوئے کہا پھر پرسوچ انداز میں کہنے لگے۔

’’کیا شمامہ نے بھی اتنے ہی پیسے خرچ کےے ہوں گے؟‘‘

’’جی ظاہری بات ہے۔‘‘ میں نے منہ بنایا حالانکہ وہ اس سے بھی زیادہ رقم خرچ کر چکی تھی اس نے صرف بال ڈائی نہیں کرائے تھے فیس بلیچ، فیشل مینی کیور، پیڈی کیور سب کرایا ہوگا تب ہی تو اتنی نکھر گئی تھی۔

’’تو پھر اتنا پیسہ خرچ کر کے بالوں کا رنگ بدلنے کی کیا ضرورت ہے ایسے بھی کیا برے ہیں۔‘‘ بابا نے دوبارہ کتاب کھول لی گویا مجھے کمرے سے چلے جانے کا سگنل دے دیا مگر میں نے ہمت نہ ہاری۔ نظروں کے سامنے شمامہ کے بال کسی ناگن کی طرح ناچ رہے تھے اب چاہے بابا جان تگنی کا ناچ نچادیں میں پیسے لےے بغیر یہاں سے ہل نہیں سکتی تھی۔

’’بابا جان دو ہزار روپے اتنے زیادہ تو نہیں، میں کون سا روز روز بال ڈائی کروائوں گی۔‘‘ وہ ایک بار پھر مجھے ایسے دیکھنے لگے جیسے میں پھر کتاب کے کسی دلچسپ موڑ کے بیچ دیوار بن گئی ہوں۔

’’اچھا ٹھیک ہے لے لینا۔‘‘ وہ پھر کتاب میں غرق ہوگئے میری جگہ کوئی غیرت والا ہوتا تو بغیر کچھ کہے کمرے سے نکل جاتا مگر میں بڑے آرام سے بے غیرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہنے لگی بلکہ بڑے دھڑلے سے جھوٹ بولنے لگی۔

’’بابا جان۔۔۔! وہ مجھے کل ہی بال ڈائی کرانے ہیں وہاںپارلر میں آفر ہے وہ پرسوں ختم ہوجائے گی۔‘‘ وہ گہرا سانس کھینچ کر میری طرف بے بسی سے دیکھنے لگے۔ پھر جیب سے دو ہزار نکال کر میری طرف بڑھا دےے جتنا میں پیسے لے کر خوش ہوئی تھی اتنا ہی وہ میرے کمرے سے نکلنے پر پُرسکون ہوئے تھے۔

ئ ئ ئ

اگلے دن میں بھی شمامہ کی طرح کالج کے بجائے پارلر پہنچ گئی لیکن گھر میں، میں نے یہی ظاہر کیا کہ پارلر کے بجائے اپنے معمول کے مطابق کالج جارہی ہوں بس تھوڑی دیر سے نکلی تھی یہ کہہ کر کہ صبح کے دو پیریڈ فری ہیں، اصل میں میرے کالج کے پاس ہی ایک شان دار پارلر تھا جسے میں نے ہمیشہ سے ہی دیکھا تھا اور اندر داخل ہونے پر مجھ پر بڑا خوش گوار تاثر پڑا۔

تقریباً ساری ہی کام کرنے والی لڑکیاں بڑے باوقار انداز میں تیار تھیں ورنہ عموماً بیوٹیشن جو کچھ سیکھتی ہیں سب کچھ اپنے اوپر آزمالیتی ہیں مگر وہاں موجود ایک بھی لڑکی حد سے بڑھی ہوئی نہیں تھی مجھے دیکھتے ہی پارلر کی اونر میرے قریب چلی آئی، میں نے ان کے پوچھتے ہی دیوار پر لگے ایک پوسٹر کی طرف اشارہ کر دیا۔

’’مجھے اپنے بال ایسے ڈائی کرنے ہیں۔‘‘ اس پوسٹر میں ماڈل کے بال شمامہ سے بھی زیادہ خوب صورت برگنڈی رنگ کے رنگے ہوئے تھے میری بات پر اس عورت کے ہونٹوں پر مسکراہٹ پھیل گئی۔

’’اگر تم چاہو تو میں تمہارے بال بالکل ایسے رنگ سکتی ہوں لیکن اگر تم میرا مشورہ مانو تو یہ رنگ تم پر سوٹ نہیں کرے گا تمہیں اپنے بال کوپر کلر کرنے چاہئیں۔‘‘

میں پریشانی سے ان کی شکل دیکھنے لگی وہ بہت بنی سنوری بڑی مہذب قسم کی شخصیت کی مالک تھیں مجھے لگا مجھے ان کے مشورے پر چلنا چاہےے۔

’’ٹھیک ہے لیکن اس کے بعد میں اچھی تو لگوں گی نا۔‘‘ میرے سوال پر وہ ایک بار پھر مسکرادیں اور مجھے سیٹ پر بیٹھنے کا اشارہ کر دیا۔

’’آنٹی پیسے کتنے ہوں گے اور ٹائم کتنا لگے گا؟‘‘ میں نے سیٹ کی طرف بڑھتے ہوئے پوچھا۔

’’دو گھنٹے لگیں گے اور تمہارے بالوں کی لینتھ کافی ہے چار ہزار تو لگیں گے۔‘‘ میری ٹھوڑی گردن پر لٹک گئی تھی میری کیفیت دیکھ کر وہ کہنے لگیں۔

’’گھنگھریالے بال دیکھنے میں چھوٹے لگتے ہیں لیکن جب بال کو کھینچ کر اس میں ڈائی لگائو تو ہمارا اچھا خاصا کلر خرچ ہوجاتا ہے اور تمہارے بال تو بہت زیادہ گھنے ہیں۔‘‘

ان کی وضاحت کے باوجود میں کرسی پر نہیں بیٹھی، میں جانتی تھی کسی دوسرے پارلر میں اس سے کم پیسوں میں بھی یہ کام ہوسکتا تھا مگر میں اپنے کالج کے نزدیک ہونے کی وجہ سے اس پارلر میں آئی تھی۔ اب کم چارجز کے چکر میں جگہ جگہ کی خاک چھاننا تو میرے بس میں نہیں تھا اسی لےے میں منمناتے ہوئے بولی۔

’’آنٹی آپ میرے اتنے روکھے سوکھے پتلے خراب سے بالوں کے اتنے پیسے بتا رہی ہیں۔‘‘

’’ارے ارے اتنی ناشکری۔‘‘ وہ اچنبھے سے کہتے ہوئے میرے بالوں کو چھو کر ان کی جانچ پڑتال کرنے لگیں۔

’’اتنے ملائم بال تو ہیں کس نے کہا روکھے سوکھے ہیں۔ ایسے نہیں بولتے اللہ کا شکر ادا کرو کہ قدرتی طور پر ہی اللہ نے تمہیںاتنے اچھے بال دے دےے ورنہ لڑکیاں بالوں میں کرلز کرانے کے لےے کیا کچھ نہیں کرتیں، اگر تمہیں اپنے گھنگھریالے بال پسند نہیں تو تم انہیں سیدھا کرالو یہ بالکل اسٹریٹ بھی ہوجائیں گے اور تمہیں لمبے بھی لگیں گے تمہارے بالوں میں اتنے کرلز ہیں کہ اسٹریکنگ کرانے کے بعد یہ کم از کم تین انچ لمبے لگیں گے۔‘‘

میرا دل خوشی سے بلیوں اچھلنے لگا کیا میں ان گھونسلہ نما بالوں سے واقعی چھٹکارا پاسکتی تھی۔ کیا میرے بال بھی شمامہ کی طرح سیدھے اور ریشمی ہوسکتے تھے، میں بڑے جوش و خروش سے سیٹ پر بیٹھ گئی۔

’’ٹھیک ہے بس آپ ابھی اور اسی وقت میرے بال سیدھے کردیں۔‘‘

’’اسی وقت تو نہیں ہوسکتے تین چار گھنٹے لگیں گے اور یہ کافی مہنگا ٹریٹمنٹ ہے تمہارے بالوں کے سات ہزار لگیں گے۔‘‘

’’سات ہزار۔۔۔‘‘ میرا تو کاٹو تو بدن میں لہو نہیں والا حال ہوگیا تھا۔ میں انہیں سامنے لگے آئینے کے عکس میں سے دیکھنے لگی جیسے خواب پورے ہونے سے پہلے ہی ٹوٹ گئے ہوں۔ ایک ہی پل میں، میں نے خود کو ان نرم و ملائم سیدھے بالوں کے ساتھ تصور میں اتنا حسین دیکھ لیا تھا کہ اب اس گھونسلے کو برداشت کرنا اور بھی کٹھن ہوگیا تھا۔

’’کیا سوچ رہی ہو چاہو تو گھر میں پوچھ کر کل آجانا۔‘‘

وہ مجھے صدمے میں گھرا دیکھ کر رسانیت سے بولیں۔ گھر میں پوچھنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی کسی کو اتنی فرصت نہیں تھی کہ بیٹھ کر میری بات سنتا اور اتنی بڑی رقم نکال کر دے دیتا۔

’’دراصل آنٹی میرے پاس صرف دو ہزار روپے ہیں اور وہ بھی بڑی مشکل سے ملے ہیں۔‘‘ میرے بے چارگی سے کہنے پر وہ میرا کندھا تھپتھپاتے ہوئے تسلی آمیز لہجے میں بولیں۔

’’تو اس میں اتنی پریشانی کی کیا بات ہے ایسا کرو ابھی صرف ہائی لائٹ کرالو اسٹریکنگ پھر کبھی کرالینا میں کرائون میںہائی لائٹ کردوں گی تو اس کے صرف ہزار روپے لگیں گے۔‘‘

’’کرائون میں؟ وہ کیا چیز ہوتی ہے؟‘‘ میں زندگی میں پہلی بار پارلر آئی تھی مجھے اتنا علم کہاں تھا۔ وہ میرے آگے کے بال اٹھا کر دکھاتے ہوئے بولیں۔

’’میں صرف اوپر کے اتنے بال ڈائی کروں گی لیکن دیکھنے میں ایسا لگے گا جیسے اندر تک پورے بالوں میں ڈائی لگاہوا ہے۔‘‘

’’لیکن یہ اچھا تو لگے گا نا؟ دراصل مجھے کچھ لوگ دیکھنے آرہے ہیں۔‘‘ میں نے الجھن بھرے انداز میں پوچھا تو وہ ہنس پڑیں۔

’’ارے بہت اچھا لگے گا اور ایسا کرو ساتھ میں فیس پالش کرالو اس سے چہرہ ایک دم نکھر جائے گا اور اس میں دو سو روپے خرچ ہوں گے۔‘‘ انہوں نے شاید میری شکل دیکھ کر پیسے بتائے تھے، میں نے گہرا سانس کھینچتے ہوئے سر اثبات میں ہلا دیا۔

دو گھنٹے بعد بارہ سو روپے دیتے وقت میں اگر غمگین نہیں تھی تو اتنی کوئی خاص خوش بھی نہیں تھی چہرے پر کچھ چمک آئی تو تھی مگر بال تو بہت ہی عجیب لگ رہے تھے بقول پارلر والی آنٹی کے ابھی عجیب لگ رہے ہیں کچھ دنوں میں ٹھیک لگنے لگیں گے مگر میں جانتی تھی میرا مسئلہ کیا تھا، مجھے اپنے گھنگھریالے بال سرے سے پسند ہی نہیں تھے اب چاہے وہ سیاہ رنگ کے ہوں برگنڈی ہوں یا کوپر کلر کے، کیا فرق پڑتا تھا۔

میں جانے کے لےے مڑی تو دروازے کے اندرونی جانب لگے پوسٹر کو حسرت سے دیکھنے لگی جس میں ماڈل کے بالوں کا رنگ میرے جیسا ہی تھا مگر اس کے بال شمامہ سے بھی زیادہ سیدھے تھے پتا نہیں میں کتنی دیر تک اس جاپانی ماڈل کو رشک بھری نظروں سے دیکھتی رہتی کہ ایک لڑکی کے سرگوشیانہ انداز پر میں چونک کر اسے دیکھنے لگی۔

’’اگر آپ چاہیں تو میں آپ کے بال اتنے سیدھے کر سکتی ہوں۔‘‘ وہ لڑکی یہیں کام کرتی تھی۔ وہ دوسری لڑکیوں کی طرح زیادہ مصروف نہیں تھی مگر مختلف چیزیں دوسری لڑکیوں کو دینے اور پھیلاوا سمیٹنے میں مستقل سرگرم عمل تھی۔

’’میرے پاس سات ہزار روپے ہوتے تو میں اب تک کراچکی ہوتی۔‘‘میں نے از حد بے زاری سے کہا تو وہ مجھے ٹوکتے ہوئے دبی آواز میں بولی۔

’’شش۔۔۔ آہستہ بولو، میں یہ کام سات سو روپے میں کردوں گی۔‘‘ اب کی بار میں نے چونک کر اسے دیکھا تو مجھے احساس ہوا وہ بڑے پراسرار انداز میں بات کر رہی تھی وہ بات مجھ سے کر رہی تھی مگر اس کی نظریں دو رکھڑی پارلر کی مالکن پر جمی تھیںجو دوسری کلائنٹ کے ساتھ مصروف تھیں۔

’’سات سو میں؟‘‘ میں نے حیرت سے دوہرایا۔

’’ہاں، یہ میڈم تو سب کو ایسے ہی لوٹتی ہیں اتنے بڑے علاقے میں اتنا بڑا پارلر کھولا ہے اس لےے اتنے پیسے مانگتی ہیں ورنہ اسٹریکنگ کرنے میں صرف ایک مخصوص کریم اور ایک نیوٹیلائزر استعمال کرنا ہوتا ہے جو پانچ سو میں آجاتی ہے اگر آپ کو ابھی کرانا ہے تو باہر میرا انتظار کریں میرا وقت ختم ہونے والا ہے میں آپ سے باہر آکر ملتی ہوں۔‘‘

وہ جلدی جلدی کہتی وہاں سے ہٹ گئی تو میں چپ چاپ پارلر سے باہر نکل آئی اور پارلر کے دروازے سے ذرا ہٹ کر اس کا انتظار کرنے لگی تقریباً دس منٹ بعد وہی لڑکی باہر آئی اور مجھ پر نظر پڑتے ہی تیزی سے میرے قریب آگئی۔

’’میرانام حفیضہ ہے اور تمہارا؟‘‘ اس نے مجھے دیکھتے ہی پوچھا۔

’’میرا نام زوہا ہے کیا پارلر بند ہوگیا ہے؟‘‘

’’آپ میرے ساتھ چلیں میں آج ہی آپ کی اسٹریکنگ کر دیتی ہوں۔ یہاں پاس ہی میرا گھر ہے میں دکان کی سجاوٹ پر پیسہ برباد کرنے کے بجائے لوگوں کو سستا کام مہیا کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔‘‘

وہ بالکل روایتی کاروباری انداز میں بول رہی تھی۔ میں سمجھ گئی تھی وہ یہاں آدھے دن کے لےے کام کیوں کرتی تھی وہ گاہک چھیننے کی غرض سے یہاں آتی ہوگی مگر مجھے اس سے کیا فرق پڑتا تھا میرے لےے اتنا کافی تھا کہ وہ سات سو روپے میں میرے بال شمامہ جیسے کر رہی تھی۔

میں ایک بار پھر پورے جوش و خروش سے اس کے پیچھے چل پڑی اور تصور میں، میں نے شمامہ کو خود سے کوسوں میل پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

وہ لڑکی جس کا نام حفیضہ تھا مجھے ایک بلڈنگ میں لے گئی، نہایت تنگ زینے کی گھٹی ہوئی عمارت میں قدم رکھ کر میں ٹھٹکی تو تھی مگر رکی نہیں۔ اس کا ایک کمرے پر مشتمل چھوٹا سا فلیٹ ہر طرح کی ہوا اور روشنی سے بالکل محروم تھا۔ میں نے گھر میں ڈرتے ڈرتے قدم رکھا تھا وہاں ایک لڑکی اور بھی موجود تھی جو شکل سے حفیضہ کی بہن لگ رہی تھی۔ وہ دونوں ہی بہت کم عمر تھیں انہوں نے مجھے ہاتھوں ہاتھ لیا تو میری گھبراہٹ بھی غائب ہوگئی۔

میرا بلو ڈرائے وغیرہ سب پہلے سے تھا انہوں نے جلدی جلدی میرے بالوں میں ایک کریم لگانی شروع کر دی اس کریم کی بُو اتنی تیز تھی کہ میرے لےے سانس لینا مشکل ہوگیا اس پر وہ دونوں میرے بالوں کو زور زور سے کھینچے بھی جارہی تھیں تاکہ وہ بالکل سیدھے رہیں۔ ان پارلر والی آنٹی نے ٹھیک کہا تھا جیسے جیسے میرے بال سیدھے ہورہے تھے ان کی لمبائی بہت زیادہ لگ رہی تھی، میرے شانوں تک آتے بال اب بازو تک پہنچتے محسوس ہورہے تھے۔ میری خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہا تھا میں چاہ رہی تھی جلد سے جلد چار گھنٹے گزر جائیں پھر میں اگلے آٹھ مہینوں تک کے لےے اس گھونسلے سے آزاد ہوجائوں گی بلکہ میں نے سوچ لیا تھا آٹھ ماہ بعد میں پھر ان ہی کے پاس آجائوں گی تاکہ مکھیوں کا چھتّا نما بال اپنی اصل حالت میں آنے سے پہلے ہی پھر سیدھے ہوجائیں۔

’’تمہیں کوئی لڑکا دیکھنے آرہا ہے؟‘‘ حفیضہ نے پوچھا تو میں ہاں کہتے کہتے رک گئی۔ بال سیدھے ہوتے دیکھ کر میرا اعتماد بھی اکڑ کر سیدھا ہوگیا تھا۔

’’لڑکا تو مجھے پہلے ہی پسند کر چکا ہے اس کے گھر والے کئی بار رشتہ مانگ چکے ہیں لیکن میرے لےے اتنے رشتوں کی لائن لگی ہے کہ میرے گھر والوں کو سمجھ میں نہیں آرہا کسے ہاں کہیں اور کسے نہ، ویسے بھی میرے بابا جان کا کہنا ہے ابھی میں بہت چھوٹی ہوں۔‘‘ ان دونوں نے گردن سیدھی رکھنے کو نہ کہا ہوتا تو میں گردن کو دو چار جھٹکے تو دے ہی دیتی۔

’’مگر وہاں تو تم کہہ رہی تھیں لڑکے والے دیکھنے آرہے ہیں اس لےے انہوں نے تمہاری فیس پالشنگ کر دی تھی۔‘‘

’’وہ تو میں نے پیسے کم کرانے کے لےے ایسے ہی کہہ دیا تھا۔‘‘ اس کی حیرانی پرمیں نے بے نیازی سے کہا۔

’’یہ کہہ کر تم نے خوامخواہ اپنا اور خرچہ کرالیا۔‘‘ حفیضہ بدستور ہاتھ چلاتے ہوئے بولی۔

’’اس سے تو اچھا تھا صرف بلیچ کرالیتیں وہ سو روپے میں ہوجاتا اور رنگت بھی ایک دم نکھر کر اتنی گوری ہوجاتی کہ لڑکی پہچاننے میں نہ آئے۔ فیس پالشنگ کرانے سے تو کوئی خاص فرق بھی نہیں لگ رہا۔‘‘ میں ٹھٹک گئی، واقعی شمامہ جب ڈائی کرا کر آئی تھی تو اس کی رنگت پہلے سے زیادہ دمکنے لگی تھی جبکہ میرے چہرے پر وہ بات نہیں آئی تھی (ہاں ہاں مجھے پتا ہے میری رنگت شمامہ جیسی نہیں ہے مگر اس جیسا نہ سہی کچھ رونق تو آنی چاہےے تھی)شاید اسی لےے کہ میں نے بلیچ نہیں کروایا تھا۔

’’کیا آپ لوگ ابھی میرے بلیچ کر سکتی ہیں؟‘‘ بالوں میں کریم تو لگ چکی تھی اب ان کی ہدایت کے مطابق مجھے پینتالیس منٹ ایسے ہی بیٹھنا تھا۔

’’ہاں ہاں، کیوں نہیں۔‘‘ حفیضہ کی بہن نے فوراً ہی سفید رنگ کے محلول میں سفید ہی رنگ کا بہت سا را پائوڈر ڈال دیا۔

’’ارے اتنا سارا پائوڈر ڈال دیا بلیچ بہت اسٹرانگ ہوگیا ہوگا، اس میں تھوڑا Developer اور ڈال دو۔‘‘

حفیضہ کے کہنے پر اس نے وہی بوتل دوبارہ اٹھائی مگر الٹا کرنے پر صرف ایک بوند گری تھی اس نے دو تین درازیں کھول کر اِدھر اُدھر دیکھا پھر حفیضہ کو عجب نظروں سے دیکھنے لگی تو وہ کچھ چونکنے والے انداز میں بولی۔

’’اچھا ہاں، یاد آیا یہ تو وہ والا بلیچ ہے جو زیادہ تیز نہیں ہوتا چلو ایسے ہی لگادو۔‘‘ اس کے کہنے پر وہ تیزی سے آگے بڑھ کر میرے چہرے پر بلیچ لگانے لگی۔ ابھی اس نے بلیچ لگانا شروع ہی کیا تھا کہ میر ی آنکھوں کے سامنے کالے کالے گول دائرے نانچنے لگے، اس کی تیز بو سیدھی میرے نتھنوں میں گھسے جارہی تھی جو کریم میرے بالوں میں لگی تھی وہ ہی برداشت سے باہر تھی اب تو مجھے باقاعدہ کھانسی ہونے لگی تھی اور ساتھ ہی چہرے پر شدید جلن ہو کر مرچیں لگنے لگی تھیں۔

’’مجھے بہت جلن ہورہی ہے۔‘‘ میں فوراً بولی۔

’’ہاں ہاں، تھوڑی بہت جلن ہوتی ہے تب ہی چہرہ گورا ہوتا ہے۔‘‘

’’مجھے تھوڑی بہت جلن نہیں ہورہی میرا پورا چہرہ جل رہا ہے۔‘‘ میری آنکھوں سے پانی بہنا شروع ہوگیا تھا۔

’’کیا وہاں تمہاری تھریڈنگ بھی ہوئی تھی؟‘‘ حفیضہ نے چونکتے ہوئے پوچھا تو میں نے آنکھوں کو سختی سے میچتے ہوئے کہا۔

’’ہاں تھوڑی بہت کی تو تھی، فور ہیڈ اور اپر لپ کی۔‘‘ میری آنکھیں جلن کی وجہ سے کھل نہیں رہی تھیں مگر بند آنکھوں سے مجھے محسوس ہوا تھا کہ ان دونوں نے چونک کر ایک دوسرے کو دیکھا تھا۔

’’تم نے مجھے بتایا کیوں نہیں، تمہیں پتا نہیں تھریڈنگ کرنے کے بعد بلیچ نہیں لگایا جاتا۔‘‘

حفیضہ کی بہن ڈپٹتے ہوئے بولی۔

’’مجھے خود پتا نہیں تھا اور وہاں والی میڈم تو کہتی ہیں فیس پالشنگ کرانے کے بعد بھی بلیچ نہیں کرنا چاہےے۔‘‘ حفیضہ سرگوشیانہ انداز میں بولی یہ اور بات تھی کہ مجھے صاف سنائی دے رہا تھا آخر وہ میرے سر پر ہی تو کھڑی تھیں۔

’’تو یہ بات تمہیں پہلے کیوں یاد نہیں آئی۔‘‘ اس کی بہن کا حواس باختہ انداز مجھے چونکا گیا تھا۔ جس طرح وہ دونوں پریشان ہورہی تھیں اور ان کی باتوں کا مفہوم نکل رہا تھا اس سے وہ دونوں ہی ناتجربہ کار اور اناڑی لگ رہی تھیں۔ چہرے پر جلن کے ساتھ میں گھبراہٹ کے باعث بھی اپنی جگہ سے کھڑی ہوگئی۔ پتا نہیں میں کن لڑکیوں کے پاس آگئی تھی جنہیں خود کچھ آتا جاتا نہیں تھا۔

’’پلیز مجھے باتھ روم لے چلیں۔ میں چہرہ دھونا چاہتی ہوں۔‘‘ میرا بس نہیں چل رہا تھا اپنے چہرے کو ناخنوں سے کھرچ ڈالوں۔ میں دو اناڑیوں کی تختۂ مشق بننے کے خیال سے ہراساں ہوئی جارہی تھی۔

’’آپ بیٹھیں میں نیپکن سے آپ کا چہرہ صاف کر دیتی ہوں، حامدہ نیپکن کہاں ہے۔‘‘ حفیضہ نے مجھے بٹھاتے ہوئے کہا مگر میں پھر کھڑی ہوگئی جانے اسے نیپکن ڈھونڈنے میں کتنا ٹائم لگتا میں تب تک جلے پیر کی بلی والی کیفیت میں نہیں رہ سکتی تھی۔

’’مجھے اپنا چہرہ پانی سے دھونا ہے بس۔‘‘ میں چیخ پڑی۔

’’اچھا آئیں، لیکن ذرا احتیاط سے منہ دھوئےے گا آپ کے بالوں میں پانی نہیں لگنا چاہےے۔‘‘ حفیضہ میرا ہاتھ پکڑ کر مجھے واش بیسن کے قریب لے آئی مگر ٹونٹی گھمانے پر اس میں پانی آیا ہی نہیں۔‘‘

’’اوہ۔۔۔! لگتا ہے پانی چلا گیا ہے۔‘‘ حفیضہ گھبرا کر بولی۔

’’تو کسی بوتل کا پانی دے دو میں اب یہ جلن اور برداشت نہیں کر سکتی۔‘‘میں روہانسی ہوگئی تھی ان دونوں کی حالت بھی مجھ سے مختلف نہیں تھی بڑی مشکل سے انہوں نے فریج سے پانی کی ایک بوتل برآمد کی اور میرا چہرہ دھلادیا۔ ٹھنڈا ٹھنڈا پانی چہرے پر ڈال کر کچھ لمحوں کے لےے مجھے سکون ملا مگر جلن مکمل طور پر ختم نہ ہوئی۔ میں نے سر اٹھا کر بیسن کے اوپر لگے آئینے میں اپنا چہرہ دیکھا اور دھک سے رہ گئی۔ میرے چہرے پر جا بجا سرخ لال دھبے پڑ گئے تھے ایک تو بلیچ اتنا تیز تھا اوپر سے میں نے تھوڑی دیر پہلے ہی تھریڈنگ اور فیش پالشنگ کرائی تھی لہٰذا میری جلد جھلس گئی تھی۔

میری آنکھوں سے ٹپ ٹپ آنسو ٹپکنے لگے، مجھے روتا دیکھ کر وہ بھی بوکھلا گئی تھیں وہ مجھے تسلیاں دینے لگیں۔

’’دیکھیں روئیں نہیں، آپ کا چہرہ ٹھیک ہوجائے گا آپ پلیز اپنی کرسی پر آکر بیٹھ جائیں آپ کے بال خراب ہوجائیں گے۔‘‘ حفیضہ نے میرے بالوں کو پیچھے کرتے ہوئے کہا جو بیسن پر جھکنے کی وجہ سے آگے آگئے تھے۔ اس کے بال پیچھے کرنے پر جیسے ہی میں نے آئینے میں اپنے عکس کو دیکھا میں چونک اٹھی۔

’’یہ میرے بالوں کے رنگ کو کیا ہوگیا؟‘‘ ابھی تھوڑی دیر پہلے جو کوپر کلر میں نے کرایا تھا وہ بالوں پر سے اتر سا گیا تھا اور اب وہاں گرے کلر کے بال نکل آئے تھے۔

’’جی وہ جو کریم ہم نے لگائی تھی اس میں بہت تیز کیمیکلز ہوتے ہیں وہ جو ڈائی کے رنگ کو کاٹ دیتے ہیں۔‘‘ حفیضہ کی بہن حامدہ کا اطمینان قابلِ دید تھا جبکہ میرے دیدے پھٹ گئے تھے۔

’’تو یہ جو میں نے ہزار روپے دے کر ہائی لائیٹ کروائے تھے یہ ضائع ہوگئے۔‘‘

’’تو اس میں پریشانی کی کیا بات ہے آپ کل یا پرسوں آکر دوبارہ ڈائی کرالیجےے گا ہم دو سو روپے میں کر دیں گے لیکن اس وقت آپ پلیز بیٹھ جائیں اگر بال میں بل پڑ گئے تو بال ایسے ہی رہ جائیں گے۔‘‘ حفیضہ نے مجھے کرسی کی طرف گھسیٹا مگر میں بدستور آئینے کے سامنے ڈٹی رہی میرے جو بال آگے آگرے تھے ان میں ایک لٹ اتنی لمبی ہوگئی تھی کہ وہ میری کمر تک پہنچ رہی تھی میں نے بڑی حیرت سے اس لٹ کو پکڑا تو میرا دل جیسے دھڑکنا ہی بھول گیا وہ لٹ بالوں میں سے پھسلتی میرے ہاتھ میں آگئی تھی۔

حفیضہ اور حامدہ منہ پر ہاتھ رکھے ایک دوسرے کو دیکھنے لگیں۔ میں ان کے تاثرات سے لا تعلق بنی آئینے کے کچھ اور قریب ہوگئی میری پیشانی کے دونوں اطراف کے بال اپنی جگہ سے کچھ ہلے ہوئے لگ رہے تھے۔ میں نے انگلی پھیر کر ان کی ساخت کا اندازہ لگانا چاہا تو انکشاف ہوا کہ وہ بال بھی اپنی جڑ سمیت سر سے باہر آچکے تھے مگر سر میں کریم لگی ہونے کی وجہ سے وہ جگہ سے پھسل کر گر نہیں سکے تھے اب تو میرے اوسان خطا ہونے لگے میں بڑھتے تنفس کے ساتھ ان کی طرف پلٹ گئی۔

’’ابھی۔۔۔ ابھی اور اسی وقت میرا سر دھلا دو مجھے مزید ایک منٹ بھی اس کریم کو اپنے سر پر نہیں لگا رہنے دینا ہے۔‘‘ اپنی آواز مجھے کنویں سے آتی محسوس ہورہی تھی۔

’’ہاں ہاں۔۔۔ ابھی دھلا دیتے ہیں لیکن ابھی تو صرف بیس منٹ ہوئے ہیں۔‘‘

’’لیکن پینتالیس منٹ میں تو سارے بال جھڑ جائیں گے۔‘‘

’’حامدہ! بکواس بند کرو۔ زوہا پانی تو آ نہیں رہا ہم سر کیسے دھلائیں؟‘‘ حفیضہ نے پہلے ڈانٹ کر حامدہ کو چپ کرایا پھر مجھے مخاطب کرتے ہوئے بولی۔ وہ دونوں بھی شکل سے بہت نروس لگ رہی تھیں میں نے تو اب باقاعدہ رونا شروع کردیا تھا۔ وہ گھونسلہ نما بال میرے سر پر تھے تب بھی اپنا آپ مجھے کچھ خاص پسند نہیں تھا اب اگر یہ بھی سر پر نہ رہے تو اس گنجی کھوپڑی کے ساتھ میں کیسی لگوں گی؟

’’زوہا! پلیز روئو مت، اچھا ایسا کرو تم اپنے گھر چلی جائو اور جا کر فوراً اپنا سر دھولو جانے یہاں پانی آنے میں کتنا ٹائم لگے گا۔‘‘

’’میرا گھر یہاں سے بہت دور ہے، تب تک میرے سارے بال جھڑ جائیں گے۔‘‘ مجھے ان دونوں پر اتنا شدید غصہ آرہا تھا کہ میرا بس نہیں چل رہا تھا ان دونوں کو جان سے مار دوں مگر اس وقت میں صدمے سے اس قدر چور تھی اور غم سے اتنی نڈھال کہ آنسوئوں کی روانی میں مجھ سے کچھ بولا بھی نہیں جارہا تھا میں ایک جھٹکے سے دروازے کی طرف بڑھ گئی۔

’’میں جارہی ہوں اور آپ کو ایک پیسہ نہیں دوں گی۔‘‘

انہوں نے مجھے روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی وہ تو خود میری موجودگی سے حواس باختہ ہورہی تھیںمیں جب تلک یہاں کھڑی رہتی میرے گرتے بال دیکھ کر ان کا بلڈ پریشر ہائی اور شوگر لو ہوتی رہتی، میرے جانے پر انہوں نے بھی شکر کا کلمہ پڑھا ہوگا۔

مجھے نہیں پتا تھا میں کیسے روتے ہوئے اسی پارلر میں واپس لوٹ گئی اور کیسے اپنی الم ناک کہانی ان کے گوش گزار کی۔ ان لوگوں نے فوراً سے بیشتر میرے بال دھلا دےے، بال دھونے اور ڈرائیر سے سکھانے کے دوران ایسے گر رہے تھے جیسے بارش میں گھونسلے کے تنکے بہتے ہیں، زمین پر اپنے بالوں کی چادر بچھتی دیکھ کر میرا دل کٹا جارہا تھا۔

انہوں نے میرے چہرے پر بھی ایک لیپ مل دیا تھا بقول ان کے یہ کولنگ ماسک تھا مگر جب دل میں آگ لگی ہو تو ٹھنڈک پہنچانے والا ماسک بھی بھلا کیا اثر کرتا۔ چہرہ دھلنے کے بعد بھی جھلسا ہوا لگ رہا تھا، بالوں کا بھی گھنا پن بہت کم ہوگیا تھا بلکہ پیشانی کے پاس دونوں طرف سے باقاعدہ گنج ہوگیا تھا جس کی وجہ سے میرا چہرہ مزید چوڑا اور بے رونق لگ رہا تھا اس کے علاوہ بالوں میں جو ڈائی لگایا تھا وہ بھی نکل چکا تھا اور اب اس کی جگہ سوکھے ہوئے گرے کلر کے بال نکل آئے تھے جس کی وجہ سے میں بالکل بوڑھی اور عمر رسیدہ لگ رہی تھی۔

’’میرے بالوں کا رنگ تو ٹھیک کردیں۔‘‘میرے آنسو خشک ہوگئے تھے مگر آواز ابھی تک رندھی ہوئی تھی۔

’’دماغ خراب ہوگیا ہے کیا؟ ابھی جو بے وقوفی کی ہے وہ کافی نہیں ہے کیا جو مزید حماقتیں سرزد کرنے کا دل چاہ رہا ہے۔‘‘ پارلر کی مالکن تڑخ کر بولیں۔ میں جب سے آئی تھی وہ تب سے مجھے ڈانٹے جارہی تھیں ان کی نظر میں میں نے پیسے بچانے کی کوشش میں اپنا بیش بہا خزانہ لُٹا دیا تھا۔

’’تمہارے بال اتنے کمزور ہوچکے ہیں کہ اگلے تین ماہ تک ان میں کسی قسم کا کیمیکل لگانے کے بارے میں سوچنا بھی نہیں۔ میں ایک ٹانک دے رہی ہوںصرف اسے روزانہ رات کو بالوں میں ہلکے ہاتھوں سے لگانا اور کسی چیز کی طرف آنکھ اٹھا کر بھی مت دیکھنا۔ پیسے بچانے کی کوشش میں ان نیم حکیم خطرہ جان قسم کے لوگوں کے پاس جائو گی تو یہی ہوگا۔

اس حفیضہ کی بچی کی تو میں کل خبر لوں گی اسے کچھ آتا جاتا نہیں ہے وہ تو ابھی سیکھ رہی ہے اور سیکھنے کے دوران اس نے یہ حرکتیں شروع کر دیں۔

ہیئر ڈائی کے اوپر اسٹریکنگ نہیں کی جاتی سارا ڈائی نکل جاتا ہے ہاں اسٹریکنگ کے اوپر ڈائی کیا جاسکتا ہے اس میں بھی کم از کم ایک ہفتے کا وقفہ دینا چاہےے کیونکہ ان پروڈکٹس میں بہت تیز کیمیکلز ہوتے ہیں اور بال سیدھے کرنے والی کریم کو کبھی بھی جڑوں میں نہیں لگایا جاتا ورنہ بال جڑ سمیت نکل جائیں گے جیسا کہ تمہارے ساتھ ہوا۔

ایسے کام ہمیشہ ماہر بیوٹیشن سے کرانے چاہئیں ورنہ اللہ تعالیٰ نے جو اور جیسا بنایا ہے اسی پر صبر کرلینا چاہےے تمہارا چہرہ بھی اسی لےے خراب ہوگیا ہے تھریڈنگ کے بعدمسامے کھل جاتے ہیں ان پر بلیچ لگانے سے وہ مساموں کے اندر تک چلا گیا اور تمہاری جلد جھلس گئی اب چہرہ پر کچھ مت لگانا کوئی میک اپ، کوئی فائونڈیشن کچھ نہیں، صرف کولڈ کریم لگائو۔‘‘ وہ مجھے جھڑکتی رہیں اور میں حسرت سے آئینے میں اپنا اجڑا ہوا روپ دیکھتی رہی، شمامہ تو کیا میں اب اپنے مقابلے کے بھی قابل نہیں رہی تھی۔

اتنی دیر تک بالوں میں کریم لگی رہی تھی اس لےے کچھ بال سیدھے ہوگئے جبکہ جہاں جہاں ہائی لائٹس تھیں وہاں کے بال بالکل بے جان اور بے رونق ہوگئے تھے۔ ایک طرح سے بال نہ سیدھے رہے تھے نہ گھنگھریالے بلکہ ایسا لگ رہا تھا جیسے کسی نے بھوسے میں آگ لگادی ہو اور اوپر سے لال لال دھبے پڑا چہرہ۔ میری آنکھیں پھر جھلملانے لگیں میں تو کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہی تھی اب کل رومیس کی والدہ صاحبہ آئیں گی تو میں ان کا سامنا کیسے کروں گی، تائی امی، تایا ابا، بابا جان، شمامہ اور سب سے بڑھ کر شاہد کے سامنے جانے کے خیال سے ہی میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے تھے۔

اور پھر واقعی میرے گھر میں داخل ہوتے ہی شمامہ اور شاہد نے ایک ساتھ چونک کر مجھے دیکھا تھا اور دیکھتے ہی رہ گئے تھے ان کے اس طرح گھورنے پر میرا دل چاہا ایک ایک ہتھوڑا انہیں کھینچ ماروں، دراصل مجھے گھر آنے میں کافی دیر ہوگئی تھی وہ دونوں بھی کھانا کھانے میںمصروف تھے، تائی امی تو کھا کر اٹھ بھی چکی تھیں اور ابھی برتن سمیٹنے کے لےے کچن سے نکلی تھیں کہ مجھے دیکھ کر ٹھٹک گئیں۔

’’کہاں رہ گئی تھیں تم اور یہ کیا حلیہ بنا رکھا ہے۔‘‘

میں نے یونیفارم کی دوپٹّے نما چادر کو پورا کھول کر سر پر ایسے اوڑھ رکھا تھا کہ میرا آدھا چہرہ چھپ گیا تھا پورا چہرہ میں نہیں چھپا سکتی تھی ورنہ وہ زیادہ حیران ہوجاتے، متجسس تو اب بھی ہوگئے تھے مگر مشکوک نہیں تھے۔

’’تائی امی مجھے بھوک نہیں ہے میں کھانا نہیں کھائوں گی۔‘‘ میں ان کا سوال گول کرتی کمرے کی طرف بڑھ گئی۔

’’کیوں بھوک نہیں ہے ایسا کیا کھالیا تھا؟‘‘ شمامہ کیسے پیچھے رہ سکتی تھی۔

’’آں۔۔۔۔ وہ ایک دوست نے سینڈوچ کھلا دےے تھے۔‘‘ میں نے پیٹ میں دوڑتے چوہوں پر دھیان دےے بغیر جلدی سے کہا، اتنی بھوک کے باوجود مجھے کھانے کی بالکل خواہش نہیں ہورہی تھی بقول شاعر ’’جب دل ہی ٹوٹ گیا ہم جی کے کیا کریں گے۔‘‘

کن انکھیوں سے میز کی طرف دیکھا تو رہی سہی آرزو بھی دم توڑ گئی، تائی امی نے مسور کی دال پکائی تھی، ہونہہ یہ منہ اور مسور کی دال۔

’’کیا سینڈوچ کھانے کے بعد آپ کی دوست نے کیچپ آپ کے منہ پر لگا دیا تھا۔‘‘ ایسا بھونڈا سوال شاہد کے علاوہ اور کون کر سکتا تھا اور اس پر ایک بھونڈا سا قہقہہ شمامہ کے علاوہ اور کون لگا سکتا تھا میں انہیں نظر انداز کرتی اپنے کمرے کی جانب بڑھتی رہی۔

’’زوہا! آخر ہوا کیا ہے تمہیں۔ یہ تم منہ چھپائے کترائی کترائی کیوں بھاگ رہی ہو۔‘‘ تائی امی نے حیرت بھری جھنجھلاہٹ سے پوچھا۔

کمرے میں آکر میں نے چادر اتار کر بستر پر پھینک دی۔ میں اپنے بال اور چہرہ اس طرح نہیں چھپا سکتی تھی ایسا کرنے کی صورت میں سوالوں کی کبھی نہ ختم ہونے والی بوچھاڑ شروع ہوجاتی اور شاہد سے کوئی بعید نہیں تھا وہ زیادہ متجسس ہونے کی صورت میں میری چادر ہٹا کر چہرہ دیکھ لیتا۔

میری سمجھ میں نہیں آرہا تھا میں کہاں روپوش ہوجائوں میری ایک ہی پھوپھی تھیں مگر ان کے بیٹے عمر میں شاہد سے چھوٹے ہونے کے باوجود تیزی میں شاہد سے بھی دو ہاتھ آگے تھے شاہد تو پھر بھی تھوڑا کوڑھ مغز ہونے کی وجہ سے دل کھول کر تمسخر نہیں اڑا سکتا تھا مگر وہ بلا کے ذہین بچے کمبل لپیٹ کر ایسے جوتے لاتے کہ مقابل بلبلا اٹھے مگر اف نہ کرنے پائے لہٰذا میرے پاس یہیں رہنے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں تھا۔

ئ ئ ئ

اگلے دن میں صرف اس لےے کالج جانے کے لےے تیار ہوگئی کہ تائی امی کی بھابھی اور بھابھی کی بھابھیاں گیارہ بجے کے قریب گھر آرہی تھیں اور میں ان کے سامنے کم سے کم آنا چاہتی تھی۔

مجھے نماز کے انداز میں دوپٹّا باندھ کر گھر سے نکلتا دیکھ کر شاہد نے حیرانی سے آنکھیں پٹپٹا کر خوامخواہ کی اوور ایکٹنگ کی۔ ابھی وہ کوئی دل جلانے والا شوشا چھوڑنے ہی والا تھا کہ اسی وقت شمامہ اپنے کمرے سے نکل آئی اور میں اور شاہد سب کچھ بھول بھال کر اسے دیکھتے کے دیکھتے رہ گئے۔

نہایت فٹنگ کی سلیو لیس شرٹ اور بے حد خوب صورتی سے سلے ٹرائوزر میں اپنے ریشمی کلرڈ بالوں کے ساتھ وہ بلا کی حسین لگ رہی تھی، ہلکے پنک اور لیمن کلر کے کپڑوں میں اس کی چمکتی دمکتی رنگت غضب ڈھارہی تھی۔ اتنی تیاری کے ساتھ وہ یقینا کالج تو نہیں جاسکتی تھی یہ سب کچھ صرف اور صرف رومیس کی والدہ کے استقبال کے لےے کیا گیا تھا۔

اس کے سامنے میری تیاری کیا تھا؟

وہ کیا لگ رہی تھی اور میں کیا لگ رہی تھی؟

میرے سینے میں دھواں سا بھرنے لگا میرا دل کسی پنجرے میں بند پرندے کی طرح پھڑپھڑانے لگا۔

’’باجی! آپ کیا کسی فلم کی ہیروئن بننے جارہی ہیں؟‘‘

شاہد گھر کی کئی باتوںسے بے خبر رہتا تھا اس لےے وہ قیاس کے گھوڑے اپنی محدود معلومات کے مطابق ہی دوڑا سکتا تھا۔

’’کیا ہیروئن صرف فلم کی ہی ہوتی ہے۔ لوگ ٹھیک کہتے ہیں جب اللہ حسن دیتا ہے تو نزاکت بھی آہی جاتی ہے۔‘‘ شمامہ نے بھی بڑے نازو انداز سے ہاتھ میں پڑا بریس لیٹ گھماتے ہوئے کہا۔

’’تو کیا کسی اسٹیج کی ڈانسر بن گئی ہیں۔‘‘ شاہد سے اور کیا توقع کی جاسکتی تھی البتہ اس کی بات سن کر میرے بے چین دل کو تھوڑا سا قرار آگیا تھا۔

’’شٹ اپ۔۔۔!‘‘ شمامہ ڈپٹ کر بولی۔

’’سچ ہی تو کہہ رہاہوں، آج سب کے حلےے بدلے ہوئے ہیں ایک ماڈل لگ رہی ہیں تو ایک ملانی بن گئی ہیں۔‘‘

شاہد بڑبڑایا تو شمامہ نے بے اختیار میری طرف دیکھا اور زور زور سے ہنسنے لگی۔ مجھے اس کی طرف سے ایسے ہی کسی چھچھورے ردِّ عمل کی توقع تھی پھر بھی مجھے نئے سرے سے تکلیف ہوئی اور پھر بھی کوئی کمی نہ رہ جائے یہ سوچتے ہوئے اس نے ایک نشتر بھی میری طرف اچھال دیا۔

’’تم تو بالکل کام کرنے والی ماسی لگ رہی ہو۔‘‘ بے عزتی کے احساس سے میرا چہرہ سرخ ہوگیا تھا تبھی وہ مجھے بغور دیکھتے ہوئے مزید کھلکھلا ئی۔

’’یہ تمہارے چہرے کو کیا ہوگیا اس قدر لال لال ددوڑے کیوں پڑ گئے ہیں تمہارے منہ پر، کیا کسی نے پٹائی کر دی تھی۔‘‘ شمامہ اور شاہد دونوں ہی حلق پھاڑ کر ہنسنے لگے تب ہی تائی امی کمرے سے دوڑی چلی آئیں۔

’’کچھ جلنے کی بُو آرہی ہے نا۔‘‘ ان کے سوال پر وہ دونوں اور بھی لوٹ پوٹ ہوگئے جبکہ میرے لےے وہاں ٹھہرنا مشکل ہوگیا کمرے سے نکلتے وقت مجھے شمامہ کی آواز صاف سنائی دی تھی۔

’’جی امی! فائر بریگیڈ کو بلالیں کوئی بری طرح جل رہا ہے چہرہ تک جھلس گیا ہے۔‘‘ میں غصے اور جھنجھلاہٹ کے مارے روہانسی ہوگئی۔

کالج پہنچ کر نئے سرے سے سب نے میرے حلےے پر اظہارِ حیرت کیا تو میں جیسے ایک دم ڈھے گئی۔ اپنی کلاس کی لڑکیوں کو اپنے ساتھ ہونے والی ٹریجڈی کے متعلق رو رو کر بتاتے ہوئے میرا دل کافی ہلکا ہوگیاتھا۔ تقریباً سب ہی نے میرے ایک انجان لڑکی سے بال سیدھے کرانے کے فیصلے پر ملامت کی تھی اور پیسہ بچانے کی کوشش پر خوب سنائی تھیں میں خود پچھتا رہی تھی تو ان سے کیا بحث کرتی بلکہ ان کی باتیں سن کر میرے اعصاب جھنجھنا اٹھے۔

’’ارے اللہ کا شکر ادا کرو کہ تمہارے صرف بال خراب ہوئے ہیں ورنہ ایسی انجان جگہ پر جا کر تو زندگی بھی خراب ہوسکتی تھی۔‘‘ میری کلاس کی ایک لڑکی نے کانوں کو ہاتھ لگاتے ہوئے کہا تو میں چونک کر اس کی شکل دیکھنے لگی۔

’’کیا مطلب؟‘‘

’’ارے تم اکیلی تھیں اس لڑکی نے کہا میرے فلیٹ پر چلو اور تم چل پڑیں اگر وہ تمہیں اندر بند کرلیتیں تو تم کیا کرتیں۔ کیا گھر میں کسی کو پتا تھا کہ تم کہاں گئی ہو کیا تمہارے پاس موبائل وغیرہ کچھ تھا؟‘‘ میں آنکھیں پھاڑے اسے دیکھتی رہی یہی نہیں اس کے کہنے کی دیر تھی کہ تمام لڑکیوں کو کوئی نہ کوئی واقعہ یاد آگیا کسی نے اخبار میں فلاں خبر پڑھی تھی اور کسی نے اپنے رشتے دار کے منہ سے فلاں حادثے کے بارے میں سنا تھا۔

میں ششدر سی ان کی باتیں سنتی رہی میرے سچ مچ میں چودہ طبق روشن ہوگئے تھے۔ میں یہاں صرف اپنے بالوں پر رو رہی تھی جب کہ میں نے تو اپنی عزت اور جان دونوں ہی خطرے میں ڈال لی تھیں۔ میرے جیسے لوگوں کی نیکیاں تو ہوتی نہیں جومیری حفاظت کرتیں یہ تو بس اللہ تعالیٰ کا کرم تھا جو میں صحیح سلامت تھی۔

سارا دن میری حالت بہت عجیب سی رہی مگر گھر آتے ہی میں اپنی پرانی کیفیت میں واپس آگئی کیونکہ گھر پہنچتے ہی بڑی زور و شور سے ہوتی باتوں کی آواز نے میرا ستقبال کیا تھا جس میں سر فہرست آواز شمامہ کی تھی جو ڈرائنگ روم سے آرہی تھی۔

’’حلیمہ آنٹی! آپ یہ جوس تو لیں جوس تو کھانے کے بعد بھی پیا جاسکتا ہے۔‘‘ تو گویا وہ سب اتنی جلدی کھانا کھا کر فارغ بھی ہوگئے ۔ ہاں بھئی اپنا سلیقہ جو دکھانا تھا میں ڈرائنگ روم کے دروازے میں پڑے پردے کی جھری میں سے جھانک کر اندر کا منظر دیکھنے لگی۔تائی امی کی بھابھی کو تو میں پہچانتی تھی مگر باقی کی دو خواتین میں سے رومیس کی والدہ کون تھیں یہ شمامہ کے طرزِ عمل سے صاف ظاہر ہورہا تھا۔

سفید کپڑوں میں ملبوس وہ ایک نہایت باوقار خاتون تھیں جن کے ہاتھ میں شمامہ زبردستی مشروب کا گلا س تھمانے کی کوشش کر رہی تھی جب کہ دوسری خاتون ایک سنگل صوفے پر براجمان تھیں اور ایک طرح سے اس سارے ماحول سے بالکل اجنبی اور کافی حد تک مس فٹ لگ رہی تھیں کیونکہ تائی امی کی پوری توجہ اپنی بھابھی کی جانب تھی اور شمامہ تو صرف اور صرف حلیمہ آنٹی کی طرف متوجہ تھی بس ایک وہی تھیں جن کے لےے کسی کے پاس فرصت نہیں تھی جبکہ حلیمہ آنٹی کہہ رہی تھیں۔

’’آپ کی بیٹی تو بہت ہی محبت کی ہے باجی!‘‘

حلیمہ آنٹی نے اپنی بھابھی کی دیکھا دیکھی تائی امی کو باجی کہتے ہوئے مسکرا کر بولیں تو دوسری طرف تائی امی شاید انتظار میں بیٹھی تھیں وہ ایک دم شروع ہوگئیں۔

’’ارے میری بیٹی تو ایسی ہے ، میری بیٹی تو ویسی ہے۔‘‘ مگر ان کے آخری جملے پر میں بری طرح چونک گئی۔

’’شمامہ اتنی خلوص کی اتنی گھلی ملی رہنے والی لڑکی ہے آج کل کی لڑکیاں ایسی کہاں ہوتی ہیں۔ اب میرے دیور کی بیٹی کو ہی دیکھ لیں اس قدر تنہائی پسند ہے ہر وقت کمرہ بند کےے پڑی رہتی ہے۔‘‘ تائی امی اپنی کم ظرفی دکھانے سے باز نہ آسکیں۔ کیا تھا جو وہ صرف اپنی بیٹی کی تعریف کرلیتیں میری برائی کرنا ضروری تھا کیا۔ اگر میں منہ دکھانے کے قابل ہوتی تو اسی وقت اندر داخل ہوکر انہیں ایسی ایسی باتیں سناتی کہ وہ فوراً میری خوش اخلاقی کا اعتراف کرلیتیں مگر مجبوری تھی سو دل مسوس کر رہ گئی البتہ اندر حاضرین کو بھی ان کا یہ موازنہ کرنا کچھ ٹھیک نہیں لگا تھا۔ تب ہی سنگل صوفے پر بیٹھی وہ تنہا خاتون کچھ ٹالنے والے انداز میں کہنے لگیں۔

’’ہاں ہر ایک کا اپنا الگ مزاج ہوتا ہے پھر اس کی ماںبچپن میں ہی گزر گئی۔ ہوسکتا ہے وہ اس لےے تنہائی پسند ہوگئی ہو۔‘‘ ان کی بات پر تائی امی کی آنکھ میں موٹے موٹے مگر مچھ کے آنسو آگئے۔

’’میں نے تو بہت کوشش کی کہ اس بن ماں کی بچی کو کبھی کسی محرومی کا احساس نہ ہونے دوں اسی لےے تو میں اس کی حرکتوں پر اسے زیادہ ٹوکتی بھی نہیں کہ کہیں وہ یہ نہ سمجھ لے کہ میں اس بن ماں کی بچی کو اپنے رعب میں رکھنا چاہتی ہوں مگر اپنی بیٹی کی تربیت میں ، میں نے اس بات کا خاص خیال رکھا کہ اس کے ساتھ زیادہ نرمی نہ برتوں حالانکہ شمامہ خود بہت محبت کرنے والی بچی ہے۔‘‘ وہ ایک بار پھرقصیدہ گوئی میں مشغول ہوگئی تھیں میرا دم گھٹنے لگا تو میں کمرے کی طرف بڑھ گئی۔

ئ ئ ئ

رات تک کسی کو خیال نہیں آیا کہ مجھے بھی مہمانوں سے ملوانا چاہےے۔ رات کے کھانے پر بالکل غیر ارادی طور پر میرا اور ان کا سامنا ہوگیا حالانکہ میں ایسا بالکل نہیں چاہتی تھی ایک تو پہلے ہی میں شمامہ کے مقابلے میں کچھ نہیں تھی اور اب تو جیسے بالکل ہی گئی گزری ہوگئی تھی۔ کتنی محبت سے میں نے قمیص فٹ کر کے ان کی آستینیں نکالی تھیں وہ سب بے کار گئی۔ سر پر دوپٹّا ایسے اوڑھنے کے بعد کہ ایک بھی بال نظر نہ آئے میں بغیر آستینوں کی قمیص پہن کر مزاحیہ خاکہ نہیں لگنا چاہتی تھی وہ کپڑے تو اب میں اگلے چھ ماہ تک نہیں پہن سکتی تھی کیونکہ میرے بالوں کے ٹھیک ہونے میں بہت وقت درکار تھا اور شمامہ کے جدید حلےے کے سامنے میں اس قدامت پرست اور قدامت پسند جیسی آثارِ قدیمہ والی حالت میں ان کے روبرو نہیں ہونا چاہتی تھی مگر مجھ پر نظر پڑتے ہی حلیمہ آنٹی نے خاص طور پر آواز دے کر مجھے کھانے کی میز پر بلالیا۔

میرے پاس کوئی راہ فرار نہ تھی۔ ناچار مجھے کھانے میں ان کا ساتھ دینا پڑا اور کھانے کے دوران مجھے احساس ہوا کہ وہ کافی پرخلوص اور خوش مزاج خاتون ہیں میں بھلے ہی ان کی ذات سے لا تعلق بنی رہی مگر انہوں نے مجھے خاص اہمیت دیتے ہوئے مجھ سے بات بھی کی اور جا بجا مجھے سے چھوٹے چھوٹے سوال بھی پوچھتی رہیں جبکہ میں بڑے مختصر جواب دیتی رہی کیونکہ مجھے دھڑکا لگا ہوا تھا شاہد اور شمامہ کی طرف سے جانے کب وہ میری خصوصیات گنوا کر میرا پول کھول دیں اس لےے میں جلدی کھانا کھا کر وہاں سے اٹھ گئی البتہ شمامہ سے بالکل برداشت نہیں ہوا کہ وہ مجھے یہ تھوڑی سی توجہ بھی دیں۔

اس نے جلد ہی اِدھر اُدھر کی باتیں شروع کر کے ان کا دھیان اپنی طرف لگا لیا اسی لےے کمرے میں آکر میں ایک بار پھر جلنے کڑھنے میں مصروف ہوگئی۔ اگر اپنی ہی حماقت کے باعث میں نے اپنا حلیہ نہ بگاڑا ہوتا تو شمامہ مجھے ہرگز شکست نہیں دے سکتی تھی پھر میں بھی ایسی میٹھی اور شیریں زبان استعمال کرتی کہ حلیمہ آنٹی شمامہ کی بات سننا بھول جاتیں مگر میںتو ان کے بیچ بیٹھنے کے قابل ہی نہیں رہی تھی میں خود مقابلے سے نکل گئی تھی چنانچہ تنہا مقابلہ شمامہ کو ہی جیتنا تھا۔

تین دن میں میرا تین کلو وزن کم ہوگیا تھا کیونکہ میں سارا دن جلی بھنی رہتی تھی کھانے کے میز پر میرا خون کچھ زیادہ ہی خشک ہوتا تھا ایسے میں کھانا پیا جزو بدن کیسے ہوتا۔ شمامہ اور حلیمہ آنٹی کے بیچ جو گفتگو ہورہی ہوتی اسے سن کر میرا پیٹ کھانے سے پہلے ہی بھر جاتا حالانکہ میرا سامنا ان لوگوں سے صرف کھانے کی میز پر ہوتا تھا اگر جو پورا وقت میں ان لوگوں کے ساتھ گزارتی تو جانے کیا ہوتا، اپنے کمرے میں اکیلی پڑی کڑھنے کے ساتھ ساتھ میں راتوں کو برے برے خواب دیکھتی تھی۔ جاگنے کے بعد بھی بہت دیر تک وہ خواب میرے حواسوں پر سوار رہتے اور میں ناشتا کےے بغیر گھر سے نکل جاتی۔

میں کبھی خواب میں شمامہ اور رومیس کو دلہا دلہن بنا دیکھتی اور کبھی دیکھتی کہ میری چادر عین ان کی شادی کے وقت سر پر سے پھسل گئی حالانکہ میرے بال صرف کچھ حصوں پر سے جھڑے تھے مگر خواب میں میں اپنے آپ کو پوری گنجی دیکھتی جس کے سر پر بچے طبلہ بجانے لگتے خواب میں کبھی شاہد میرا پیچھا نہ چھوڑتا اور زور زور سے گانے گاتا۔

’’گنجی پٹیل، تیری کھوپڑی میں تیل، ماروں گا ڈنڈا نکلے گا انڈا۔‘‘

میں چیخ مار کر اٹھ بیٹھتی۔ ایسے حالات میں میری صحت جتنی گرتی کم تھا بلکہ میں خوامخواہ ہی خوف زدہ رہنے لگی تھی گو کہ میں کوئی نیک پروین نہیں تھی جسے سچے خواب نظر آتے مگر مجھے لگتا یہ خواب نہیں اشارہ ہے میں شاہد کو دیکھ کر اپنی چادر اور بھی سختی سے سر پر جمالیتی لیکن زیادہ احتیاط میں ہی انسان سے زیادہ غلطیاں بھی سرزد ہوتی ہیں۔

ایک دن شمامہ کی ناربرداریاں دیکھ کر میں بڑے غصے سے کرسی گھسیٹ کر کھڑی ہوگئی مجھے پتا ہی نہیں چلا کہ میری چادر کا کونا میری کرسی کے پائے کے نیچے دب گیا ہے میرے ایک جھٹکے سے آگے بڑھنے پر نا صرف میرے سر پر سے چادر سرک گئی بلکہ میں لڑکھڑا بھی گئی مجھے اپنے گرنے کی پروا نہیں تھی فکر تھی تو صرف میرے بال نہ نظر آجائیں اسی لےے میں نے خود کو سنبھالنے کے بجائے صرف اپنی چادر سنبھالی تھی تب ہی سر تو چھپالیا مگر گھٹنا پوری قوت سے تائی امی کی بھابھی کی دوسری بھابھی جن کا نام غالباً روشن آرا تھا ان کی کرسی سے ٹکرا گیا وہ بروقت میری طرف متوجہ ہوئیں اور مجھے شانوں سے تھام لیا جب کہ تائی امی کی بھابھی میری چادر کا سرا کرسی کے نیچے سے نکالنے لگیں۔

’’تم ٹھیک تو ہو نا بیٹی!‘‘ حلیمہ آنٹی بھی بے اختیار میری طرف بڑھی تھیں اور شاید یہی بات شمامہ سے برداشت نہیں ہوئی تھی تب ہی بڑے تلملا کر بولی تھی۔

’’اتنی بڑی چادر اوڑھتی کیوں ہو جب سنبھالی نہیں جاتی۔‘‘ غصے میں بھی اس نے بڑا جاندار پوائنٹ اٹھایا تھا کیونکہ حلیمہ آنٹی بھی اس کی حمایت بھی بولی تھیں۔

’’ہاں بیٹی! یہ چادر اتنی بڑی ہے کہ تمہارا چہرہ بھی نظر نہیں آتا۔‘‘ انہوں نے میری چادر پیچھے کرنے کے لےے ہاتھ بڑھایا مگر میں خود ہی پیچھے ہٹ گئی، پیشانی کے پاس ہی بال زیادہ جھڑے تھے اگر ذرا بھی چادر پیچھے سرکتی تو اس عیب پر سے فوراً پردہ اٹھ جاتا۔

’’ارے ان کے چہرے پر عجیب عجیب دھبے پڑ گئے ہیں انہیں چھپانے کے لےے یہ چادر اوڑھتی ہیں ورنہ تو یہ میری جینز پہن کر سائیکل چلانے نکل جاتی تھیں۔‘‘

میرا دل چاہ رہا تھا زمین پھٹے اور میں اس میں سما جائوں۔ میرے چہرے پر نشان شاید ان عورتوں نے دیکھ لےے ہوں مگر وہ سب بڑی مہذب قسم کی باوقار گفتگو کرتی تھیں انہوں نے مجھے کبھی کچھ جتایا نہیں تھا مگر برا ہو اس شاہد کے بچے کا جس نے سر عام کہرام مچا کر سب کو مطلع کر دیا میں بے اختیار تڑخ کر بولی۔

’’ایسی کوئی بات نہیں، میں نے کبھی تمہارے کپڑے پہن کر سائیکل نہیں چلائی اور یہ چادر تو مجھے تمہاری وجہ سے اوڑھنی پڑتی ہے اگرتم ہر وقت سر پر سوار نہ ہوتے تو مجھے کوئی ضرورت نہیں تھی اپنے ہی گھر میں اس قدر پابند رہنے کی۔‘‘

دل اور گھٹنے پر لگی چوٹ کے باعث میں کچھ زیادہ ہی تلخ ہوگئی تھی ویسے بھی اتنے دنوں سے غصہ بھرا تھا۔آخر مجھے کبھی تو پھٹنا ہی تھا مگر حاضرین کے چہرے پر ابھرتی حیرانی دیکھ کر مجھے اپنا لہجہ قابو میں کرنا پڑا تھا اور بالکل بر وقت میرے منہ سے جانے کب اور کہاں کا پڑھا جملہ پھسل گیا۔

’’عورت کے لفظی معنی ہیں چھپی ہوئی، اس لےے عورت کا اصل حسن اور اس کی اصلی پہچان حجاب میں ہی ہوتی ہے۔‘‘ اپنے طور پر اپنے پردے کی میں نے بڑی ٹھوس وجہ پیش کر دی تھی جسے سننے کے بعد سب گنگ رہ گئے تھے شاہد کی تو سمجھ میں نہیں آیاہوگا کہ میں نے کیا کہا لیکن باقی لوگوں کی کیفیت کافی الگ تھی۔ شمامہ کے چہرے پر ایک رنگ آرہا تھا اور ایک جارہا تھا غیر محسوس طور پر میں نے اس کے بے باک حلےے پر بھی طنز کر دیا تھا مگر تائی امی ان کی بھابھی اور بھابھی کی بھابھی یعنی کہ حلیمہ آنٹی بھی خاصی آزاد خیال تھیں، ان تینوں خواتین کے کپڑے بھلے ہی شمامہ جیسے نہیں تھے ایک طرف پڑے دوپٹے اور آدھی آستینوں والی قمیصوں کے ساتھ کٹے ہوئے بالوں میں اگر وہ مغربی نہیں لگ رہی تھیں تو مشرقی کہلانے کے قابل بھی نہیں تھیں۔ میں تو اپنی جان چھڑا کر آگے بڑھ جانا چاہتی تھی مگر تائی امی کی بھابھی نے میرے جملے کو اپنے اوپر لے لیا اور بڑے ناصحانہ انداز میں مگر حقیقتاً چباتے ہوئے کہا۔

’’بہت اچھے خیالات ہیں تمہارے مگر شاہد ابھی اتنا بھی بڑا نہیں کہ اس کی وجہ سے تم اپنے گھر میں ہی پابند ہوجائو، کل کو تمہاری شادی ہوگی گھر میں دیور جیٹھ ہوں گے ایسے تو تم زندگی بھر بس چادر میں ہی لپٹی رہو گی۔ عورت اگر اتنی چھپی ہوئی ہو تو وہ عورت نہیں مضحکہ خیز لگتی ہے۔

آج کل کے دور میں ایسی لڑکیوں کے لےے کوئی جگہ نہیں ہے۔ تھوڑا تو زمانے کے ساتھ چلنا چاہےے ایسے حلےے میں تو تمہیں اچھا رشتہ بھی نہیں ملے گا، شمامہ کو دیکھو کتنی حسین کتنی اٹریکٹو لگتی ہے تمہاری تائی امی کے پاس اس کے رشتوں کی لائن لگی ہے اور تمہارے لےے تو کوئی کہتا بھی نہیں۔‘‘

کسی نے مجھے زنّاٹے دار تھپڑ بھی مارا ہوتا تو میرا یہ حال نہ ہوتا جو تائی امی کی بھابھی کی بات سن کر ہوا تھا۔ انہیں کیا پتا کہ شمامہ کے لےے کتنے رشتے آرہے تھے اور مجھے کوئی گھاس نہیں ڈال رہا تھا ضرور یہ ساری لگائی بجھائی تائی امی نے کی ہوگی۔ دل تو چاہا اسی وقت تائی امی کو لتاڑ کر رکھ دوں مگر میں کچھ بولنے کے قابل کہاں تھی اتنی بڑی چادر کی بکل مارے میں مضحکہ خیز ہی تو لگ رہی تھی میں ان سے کیا جرح کرتی جب میں خود ان سے متفق تھی مگر تب ہی روشن آرا آنٹی کی بات نے مجھے چونکنے پر مجبور کر دیا اتنی عورتوںمیں بس وہی تھیں جو سر پر سے دوپٹا نہیں اتارتی تھیں لیکن ان کے بولنے پر مجھے اس لےے حیرت ہوئی کہ عموماً وہ خاموشی سے لوگوں کو سنتی رہتی تھیں کبھی کسی قسم کی دخل اندازی نہیں کرتی تھیں بلکہ ان کے ہونٹ آہستہ آہستہ ایسے ہلتے رہتے تھے جیسے وہ کسی ورد میں مصروف ہوں۔

’’ایسے تو مت کہیں باجی! کیا پتا کسی لڑکی کا نصیب کب کھل جائے یہ سراسر ایمان کی کمزوری ہے کہ انسان یہ سوچے کہ میں کیونکہ اسلام پر چل رہا ہوں اس لےے مجھے یہ دنیاوی فائدے حاصل نہیں۔

اگر میں اللہ تعالیٰ کے بنائے قوانین پر چلنا چھوڑ دوں اور شرع کی پابندی نہ کروں تو میرا یہ کام ہوجائے گا اور وہ کام ہوجائے گا جب تک اللہ کا حکم نہ ہو انسان کو کوئی فائدہ پہنچ سکتا ہے نہ نقصان اور فائدہ تو صرف اس کی خوشنودی میں ہی حاصل ہوسکتا ہے۔ جائز و ناجائز کا فرق مٹا کر انسان صرف اپنی بے صبری کا مظاہرہ کر سکتا ہے اور اپنی عاقبت بگاڑ سکتا ہے،کبھی کبھی اپنی زندگی بھی، لیکن صبر کا دامن تھامے رہنے سے آخرت کی کامیابی تو یقینی ہے اور دنیاوی سکون بھی حاصل ہوسکتا ہے۔‘‘ ڈائننگ روم میں سنّاٹا چھا گیا تھا کوئی بھی روشن آرا آنٹی سے متفق تو نہیں لگ رہا تھا سوائے حلیمہ آنٹی کے، بس وہی ان کی باتوں پر سر ہلا رہی تھیں شاید اسی لےے کسی نے بحث کرنے کی جسارت نہیں کی تھی البتہ وہ خود ہی میری طرف مڑتے ہوئے کہنے لگیں۔

’’لیکن زوہا! پردہ اس طرح نہیں ہوتا تم کوئی اسکارف وغیرہ کا استعمال کر لیا کرو اس طرح چادر سنبھالنا تو مشکل بھی ہے اور خطرناک بھی خاص طور پر کچن میں۔‘‘

اتنی موٹی موٹی باتیں سن کر میرا سر درد کرنے لگا تھا میں تو فوراً اپنے کمرے کی طرف بڑھ گئی ان کے لیکچر نے بھلے ہی میری پوزیشن کلیئر کر دی تھی مگر ان کی تقریر سے میں کچھ خاص متاثر نہیں ہوئی تھی، مجھے کتابی باتیں کبھی بھی مرغوب نہیں رہی تھیں اور جس موضوع پر وہ بول رہی تھیں وہ تو بالکل ہی حقیقت سے دور تھا۔

تائی امی کی بھابھی نے یہی کہا تھا ایسے حلےے کے ساتھ میرے لےے کوئی رشتہ نہیں آسکتا تھا رشتے تو شمامہ جیسی لڑکیوں کے لےے آتے ہیں میں تو مجبوری میں یہ سب کر رہی تھی اور حلیمہ آنٹی بھی بس ایسے ہی دیورانی کی خوشامد میں سر ہلائے جارہی تھیں ورنہ انہیں بھی یقینا میرے طور طریقوں سے اختلاف ہوگا۔ شمامہ کے لےے ان کی واضح پسندیدگی مجھ سے چھپی ہوئی نہیں تھی یہ اور بات تھی کہ اپنی شکست کا احساس ہونے پر میں اس بات کا اعتراف اپنے آپ سے بھی نہیں کرتی تھی۔

لیکن اس دن کے لیکچر سے شمامہ پر شاید کچھ اثر ہوا تھا اس نے اپنا حلیہ تو نہیں بدلا لیکن فوراً اپنا سلیقہ جھاڑنا شروع کر دیا شاید وہ یہ ثابت کرنا چاہتی تھی کہ ماڈرن ہونے کے باوجود وہ گھر سنبھالنے کی بھی پوری طرح اہل ہے اس کی بنائی چیزیں اکثر مجھے بازار سے لائی ہوئی لگتیں مگر حلیمہ آنٹی آنکھ بند کر کے یقین کرلیتیں اور مزید مرعوب ہوجاتیں کہ اتنی فیشن ایبل ہونے کے باوجود وہ گھر گرہستی میں بھی اتنی ہی ماہر ہے جب کہ اس کی حرکتیں دیکھ کر میری برداشت جواب دینے لگتی۔

ایک دن اس نے بہت سارے اچار میز پر رکھ کر کہہ دیا میں نے ڈالے ہیں حالانکہ باہر اتنی دھوپ ہی نہیں نکلی تھی کہ اچار ڈالا جاسکے اور ایک دن پہلے تک تو اچار کا کوئی ذکر نہیں تھا اور اگلے دن بغیر سبزیاں لائے اور بغیر کوئی اہتمام کےے اچانک ہی اس نے بیک وقت چار چار اچار نکال کر مجھے تقریباً لاچار کر دیا ۔ میں ہونق بنی اپنے مہمانوں کو دیکھتی رہی کیا یہ گھر کے کام کام سے اس قدر نابلد تھیں کہ انہیں خیال ہی نہیں آیا ایک دن میں اچار کیسے تیار ہوگا مگر بہت جلد یہ معمہ بھی حل ہوگیا۔

حلیمہ آنٹی نے اپنے کسی رشتے دار کے گھر جانے کی اجازت چاہی تھی حالانکہ وہ صرف کچھ گھنٹوں کے لےے جارہی تھیں مگر شمامہ کو یہ خطرہ لاحق ہوگا کہ کہیں وہ جاکر واپس ہی نہیں آئیں تو کیا ہوگا لہٰذا اس نے جتنے بھی اچار منگوائے تھے سب نکال لےے اور ان کی خدمت میں ایک ساتھ پیش کر دےے وہ تو عش عش کر اٹھیں شمامہ کو ان کے روےے سے اور بھی شے ملی وہ مزید اٹھلا کر کہنے لگی۔

’’اگر میرے ہاتھ میں اتنا ہی ذائقہ ہے تو آپ اتنے دور پرے کے رشتے دار کے پاس کیوں جارہی ہیں ایک تو اتنے مختصر وقت کے لےے آپ آئی ہیں اس میں بھی جو ٹائم ہے وہ آپ ہمارے ساتھ گزارنے کے بجائے ان کے ساتھ ضائع کرنے جارہی ہیں۔‘‘ اف محبت کے اتنے والہانہ مظاہرے پر میں گہری سانس کھینچنے لگی جبکہ حلیمہ آنٹی کی مسکراہٹ گہری ہوگئی۔

’’میں تو خود جانا نہیں چاہتی مگر جانا ضروری ہے، تمہارے صرف ہاتھ میں ہی ذائقہ نہیں ہے تمہاری باتیں بھی بڑی مزے دار ہوتی ہیں میرا تو دل چاہتا ہے میں تمہیں مستقل طور پر اپنے گھر لے چلوں۔‘‘ چمچہ میرے ہاتھ سے چھوٹ کر پلیٹ میں جا گرا، حیرانی کے آثار تو دوسروں کے چہروں پر بھی تھے مگر سب سے بری حالت شمامہ کی تھی اس سے یہ بے تحاشا خوشی سنبھالے نہیں سنبھل رہی تھی لیکن وہ چہرے سے یہ ظاہر بھی نہیں کرنا چاہتی تھی۔ اپنی اندرونی کیفیت اندر ہی چھپا کر وہ چہرے پر ایسے تاثرات لے آئی جیسے ان کی بات سمجھ نہ سکی ہو۔ (واقعی بڑی پکی ادکارہ تھی)

’’میں سمجھی نہیں۔‘‘ اس نے چہرے پر سارے جہاں کی معصومیت سجاتے ہوئے کہا تو میرا بس نہیں چل رہا تھا کہ گرم گرم سالن اس کے منہ پر انڈیل دوں۔

’’بہت جلد سمجھ جائو گی۔‘‘ ان کی معنی خیز مسکراہٹ پر شمامہ اور تائی امی خوشی سے دیوانی ہوگئیں۔ بڑا ہی مشکل مرحلہ تھا کہ دیوانے بھی ہورہے تھے اور دیوانگی ظاہر بھی نہیں کرنا چاہتے تھے حالت تو میری بھی کچھ ایسی ہی تھی یا شاید اس سے بھی بری، وہ تو صرف دیوانی ہورہی تھیں میں تو نیم پاگل ہوگئی تھی، دل چاہ رہا تھا ابھی اور اسی وقت روشن آرا آنٹی سے پوچھوں کہ جائز و ناجائز کا فرق مٹا کر انسان صرف اپنی عاقبت بگاڑ سکتا ہے یہاں تو شمامہ کے بے باک کپڑے پہننے سے اس کا نصیب کھل گیا تھا۔

گویا وہ رومیس کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی وہ بھی اتنی آسانی سے، میری تو بھوک ہی مر گئی تھی بلکہ ایسا لگ رہا تھا کھایا پیا سب باہر آجائے گا، میں کھانا جوں کا توں چھوڑکر اٹھ کر اپنے کمرے میں چلی گئی، میرا اب حلیمہ آنٹی کا سامنا کرنے کا بالکل دل نہیں چاہ رہا تھا اور ان سے ملنا ایسا کوئی ضروری بھی نہیں تھا صرف کھانے کی میز پر ہی ہمارا سامنا ہوتا تھا، رات کو میں نے کھانا نہیں کھایا اگلے دن ان کے اٹھنے سے پہلے میں گھر سے نکل گئی، مجھے پتا تھا وہ آج یا کل میں ہوٹل شفٹ ہونے والی تھیں کیونکہ کل مہندی تھی اور کل ان سب کے شوہر اور بچے آنے والے تھے اور اچھا ہی تھا جو وہ سب یہاں رکنے کے لےے تیار نہیں ہوئے تھے ورنہ اب رومیس اور شمامہ کو میں ایک ساتھ ہنسنے بولتے کیسے برداشت کرتی۔

کالج سے آکر بھی میں اپنے کمرے میں بند ہوگئی کیونکہ میں شمامہ کا خوشی سے کھلتا ہوا چہرہ دیکھنا نہیں چاہتی تھی میں کمرا بند کےے اپنا غم غلط کرتی رہی اور جانے کب تک کرتی رہتی کہ میرے کمرے کے دروازے پر ہوئی دستک نے مجھے چونکا دیا، گھڑی کی طرف دیکھ کر مجھے وقت گزر نے کا احساس ہوا تھا۔ کمرے میں پھیلا ملگجا اندھیرا مغرب کا وقت ہونے کا پتا دے رہا تھا، اتنی دیر ہونے کے باوجود میرے سوگ منانے کی شدّت میں کوئی کمی نہیں آئی تھی حالانکہ میں نے سنا تھا وقت ہر زخم کو بھر دیتا ہے خیر سنی سنائی باتوں پر تو ویسے بھی یقین نہیں کرنا چاہےے مگر اس وقت مجھے آنکھوں دیکھے پر بھی یقین نہیں آیا، میرے دروازہ کھولنے پر تائی امی کی بھابھی کی بھابھی روشن آرا آنٹی کھڑی تھیں اور ان کے ہاتھ میں ٹرے موجود تھی جس میں چائے کے دو کپ رکھے تھے۔

’’میرا چائے پینے کا دل چاہ رہا تھا تو سوچا ایک کپ تمہارے لےے بھی بنالوں باقی سب تو بازار گئے ہوئے ہیں میں نے سوچا خوب گزرے گی جو مل بیٹھیں گے فارغ دو۔‘‘ وہ میری طرف دیکھے بغیر کمرے میں داخل ہوتے ہوئے خود ہی ساری تفصیل بتاتی چلی گئیں اس بات سے قطع نظر کہ سامنے کھڑے وجود کو سننے میںدلچسپی ہے بھی یا نہیں، بلکہ مجھے خاموش دیکھ کر وہ مزید کہنے لگیں۔

’’اب تم یہ مت کہہ دینا کہ ابھی میرا چائے پینے کا دل نہیں چاہ رہا بڑی مشکل سے کچن میں سامان ڈھونڈ ڈھونڈ کر چائے بنائی ہے ویسے بھی تم نے کل دوپہر کے بعد سے گھر میں کچھ نہیں کھایا ہے، باہر ضرور کھالیا ہو گا میں یہ نہیں کہہ رہی کہ تم کل سے بھوکی ہو مگر انسان باہر چاہے جتنا بھی کھالے جب تک گھر کی چائے نہ پیو فریش نہیں ہوا جاسکتا۔‘‘ میں جیسے ایک دم ہوش میں آگئی اچانک مجھے احساس ہوا تھا کہ وہ یہ چائے اس لےے بنا کر لائی تھیں کہ میں نے کل رات سے کھانا نہیں کھایا تھااس خلوص پر مجھے شرمندگی بھی ہوئی تھی اور حیرت بھی (عادی جو نہیں تھی اس روےے کی) میں نے آگے بڑھ کر سائیڈ ٹیبل پر رکھا سامان ہٹا کر ٹرے رکھنے کی جگہ بنائی اور ٹرے ان کے ہاتھ سے لے کر سائیڈ ٹیبل پر رکھ دی۔

’’آپ نے کیوں تکلف کیا مجھ سے کہا ہوتا میں چائے بنا دیتی۔‘‘

’’چائے بنانے میں کون سی محنت ہوتی ہے اور پھر اکیلے خالی بیٹھنے سے تو اچھا ہے انسان تھوڑے ہاتھ پائوں ہلالے۔‘ ‘ وہ بڑی بے تکلفی سے میرے بستر پر بیٹھ گئیں تو میں نے بھی ان کے سامنے والی نشست سنبھال لی۔

’’آپ ان سب کے ساتھ بازار کیوں نہیں گئیں؟‘‘ میرے پوچھنے پر وہ لاپروائی سے کہنے لگیں۔

’’ایسا کچھ خاص لینا ہی نہیں تھا اور پھر مجھے لگا تم گھر پر اکیلی ہو گھر کے مرد تو رات تک آتے ہیں۔‘‘

’’میں اکیلی کہاں ہوں چوکیدار ہوتا تو ہے۔‘‘ میں برجستہ بولی تو وہ کچھ دیر میری شکل دیکھتی رہیں۔

’’یہ چوکیدار گھر میں کب سے ہے، میرا مطلب ہے دیکھنے میں بالکل جوان لگتا ہے زیادہ پرانا نہیں ہوگا۔‘‘

’’ہاں کوئی ڈھنگ کا چوکیدار ملتا ہی نہیں، کبھی کوئی کبھی کوئی رکھ لیتے ہیں اسے بھی ڈیڑھ مہینہ ہی ہوا ہے۔‘‘

میرے کہنے پر وہ گہرا سانس کھینچتے ہوئے سر نفی میں ہلانے لگیں پھر جیسے ایک دم کچھ یاد آنے پر بولیں۔

’’آئندہ اگر تمہاری تائی امی تمہیں چوکیدار کی موجودگی میں گھر میں اکیلا چھوڑ کر جائیں تو تم بھی ان کے ساتھ چلی جانا اور اگر یہ ممکن نہ ہو تو کہیں پڑوس میں چلی جانا۔‘‘ میں انہیں الجھن بھری نظروں سے دیکھنے لگی ان کی بات میرے سر پر سے گزر گئی تھی بھلا مجھے پڑوس میں جانے کی کیا ضرورت تھی شاید میرے تاثرات سے انہیں خود بھی اندازہ ہوگیا تھا تب ہی وہ کہنے لگیں۔

’’بچوں کے لےے ماں کا ہونا بہت ضروری ہوتا ہے خاص طور پر لڑکیوں کے لےے کیونکہ ماں کی کمی کوئی پوری نہیں کر سکتا اور تمہاری تائی تو اس کمی کو پورا کرنا بھی نہیں چاہتیں اور تمہارے والد صاحب بھی بس ہر وقت پیسہ کمانے میں مصروف رہتے ہیں، بیٹی کے لےے ان کی کیا ذمہ داری بنتی ہے اس کا ذرا احساس نہیں، تمہیں اپنا خیال خود رکھنا چاہےے ویسے تو تم بہت ذمہ دار ہو تمہاری عادت مزاج کو دیکھ کر لگتا نہیں کہ تم بچپن سے ماں جیسی ہستی سے محروم رہی ہو لیکن تم اپنے کھانے پینے کا دھیان بھی رکھا کرو تم تو اگر ہفتہ بھر بھی فاقہ کرو گی تو کسی کو تمہاری ڈائننگ ٹیبل پر غیر موجودگی کا خیال تک نہیں آئے گا ابھی بھی کون دیکھتا ہے کہ تم نے پلیٹ میں چار نوالے نکالے ہوتے ہیں اس میں سے بھی دو نوالے کھا کر اٹھ جاتی ہو تم اپنے آپ سے اتنی لاپروا کیوں ہو؟‘‘

وہ مجھے بغور دیکھتے ہوئے بولیں میرا تو منہ کھلا کا کھلا رہ گیا تھا زندگی میں پہلی بار میں نے کسی کو اپنے لےے فکر مند ہوتا دیکھا تھا میری خود سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ مجھے خوشی ہورہی ہے یا تکلیف۔

’’ایسی کوئی بات نہیں ہے آنٹی! میری تو خوراک ہی اتنی ہے اور پھر میں کوئی مہمان تھوڑی ہوں جسے اصرار کر کے کھلایا پلایا جائے۔‘‘ میری سمجھ میں نہیں آرہا تھا میں کس کی طرف سے صفائی دے رہی ہوں کیا میں نہیں چاہتی تھی کہ تائی امی وغیرہ پر کوئی الزام آئے یا شاید ان کی بات سن کر مجھے اپنی ذات بے مایا ہوتی محسوس ہورہی تھی اس لےے میں ان کی تردید کرنے لگی۔

’’بات کھانے پینے کی نہیں خیر چھوڑو۔ تم بہت صاف دل کی ہو نا اس لےے تمہیں کسی میں برائی نظر نہیں آتی ورنہ سچ تو یہ ہے کہ تمہاری ذات اس گھر میں بری طرح نظر انداز ہوتی ہے اور اس میں ساری غلطی تمہارے والد کی ہے وہ تمہاری طرف سے بالکل غافل ہیں، صرف پیسہ کمانا ہی باپ کی ذمہ داری نہیں ہوتی بلکہ جس بچے کی ماں نہ ہو وہاں باپ کے فرائض اور بڑھ جاتے ہیں۔ خیر یہ سب باتیں تم سے کہنا بے کار ہے، بھلا تم اس سلسلے میں کیا کر سکتی ہو اسی لےے تو میں کہہ رہی ہوں اپنا خیال تم خود رکھا کرو کیونکہ جتنی اچھی تم ہو تمہارے ساتھ اتنا اچھا نہیں ہورہا ہے۔‘‘ میں آنکھیں پھاڑ کر انہیں دیکھنے لگی وہ میری کون سی اچھائیوں کا ذکر کر رہی تھیں جن کا علم خود مجھے بھی نہیں تھا۔ تجسس کے مارے میں فوراً پوچھ بیٹھی۔

’’ایسی بھی کوئی اچھی نہیں ہوں آپ تو بس ایسے ہی کہہ رہی ہیں۔‘‘ میں نے انکساری دکھانے کی کوشش کی۔

’’میں کوئی بناوٹی باتیں نہیں کر رہی، جن لڑکیوں کی پرورش اچھے ماحول میں ہوتی ہے اگر وہ شریف اور باپردہ نکلیں تو کوئی تعجب کی بات نہیں مگر بغیر کسی تربیت کے اپنے آپ صحیح اور غلط کی پہچان کرنا معمولی بات نہیں۔ اپنی کزن شمامہ کی ڈریسنگ دیکھنے کے باوجود تم نے کبھی اس کا طریقہ نہیں اپنایا اور اس کی طرح سلیو لیس پہننا تو دور کی بات ہے تمہارا تو دوپٹّا بھی کبھی سر سے نہیں سرکتا۔‘‘

میںہونق بنی انہیں دیکھتی رہی شاہد کے ٹوکنے پر میں نے جلدی میں جو سمجھ میں آیا وہ کہہ دیا مگر مجھے نہیں پتا تھا کہ میری یہی بات ان کے دل پر نقش ہوجائے گی یہ اور بات تھی کہ اس تعریف پر خوش ہونے کے بجائے میں کچھ شرمندہ ہوگئی تھی وہ مجھے نہیں جانتی تھیں اس لےے ایسا کہہ رہی تھیں مگر میں تو خود سے واقف تھی۔ میں بھلے ہی آوارہ نہیں تھی مگر ایسی کوئی شرم و حیا کا پیکر بھی نہیں تھی بلکہ اگر میرے ساتھ وہ ’’سانحہ‘‘ نہ ہوا ہوتا تو میں شمامہ سے بھی دو ہاتھ آگے ہوتی۔

تایا ابا اور بابا جان تو واقعی گھر سے اتنے غافل تھے کہ انہیں پروا ہی نہیں تھی گھر کی بیٹیاں کس حلےے میں پھر رہی تھیں اپنے کرکٹ کھیلنے اور سائیکل چلانے والی بات میں محض اپنے اطمینان کے لےے ان سے چھپاتی تھی ورنہ اندازہ تو انہیں تھا اور انہوں نے ااس بات کا کبھی سختی سے نوٹس بھی نہیں لیا تھا۔

’’چھوڑیں آنٹی! بعض خوبیاں صرف نظر کا دھوکا ہوتی ہیں۔‘‘ پتا نہیں کیوں میں تلخ ہوگئی۔

’’اب اتنی بھی انکساری اچھی نہیں، جب ہم یہاں آئے تھے تو تمہاری غیر موجودگی میں تمہاری تائی نے تمہارے بارے میں کافی نامناسب باتیں کہی تھیں انہیں نہیں پتا تھا کہ تم باہر کھڑی ہو مگر میں نے تمہیں دیکھا تھا تمہارے چہرے سے لگ رہا تھا کہ تم چاہ رہی ہو ابھی اندر جائوں اور ان کی بات کا دوبدو جواب دوں۔ مگر تم کمال مہارت سے اپنے غصے کو پی گئیں تم نے وہ حدیث تو سنی ہوگی جس کا مفہوم ہے کہ ’’طاقتور وہ نہیں ہے جو اکھاڑے میں پہلوان کو پچھاڑ دے بلکہ طاقتور وہ ہے جو اپنے غصے پر ضبط کرلے اور اسے قابو میں رکھے۔‘‘

 اور تمہیں تو میں نے کئی بار ضبط کرتے ہوئے دیکھا ہے ہر بازار سے لائی ڈش کو جب تمہاری تائی امی اسے شمامہ کی کاری گری قرار دیتیں تم اشارے کنایوں میں بھی کچھ جتانے کی کوشش نہیں کرتیں ورنہ ایسے موقعوں پر گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے کے مصداق کزنز وغیرہ فوراً پول کھول دیتی ہیں آج کل کی لڑکی میں اگر اتنی برداشت ہو تو وہ واقعی قابلِ تعریف ہے۔‘‘

لوگ ٹھیک ہی کہتے ہیں بعض اوقات وہ ہوتا نہیں جو نظر آتا ہے اور یہ بھی سچ ہے کہ بعض اوقات انسان خود کو بھی سمجھنے میں غلطی کر دیتا ہے میں جو ہمیشہ اپنی تعریف سننے کی منتظر رہی تھی اور تعریف سن کر جیسے خوشی سے پھول جاتی تھی آج شرمندگی کے مارے سر تک اٹھانے کے قابل نہیں رہی تھی اور اس وقت بھی انہوں نے مجھے سمجھنے میں غلطی کی تھی۔ میری خاموشی پر وہ یہی سمجھ رہی تھیں کہ میں ان عظیم لوگوں میں سے ہوں جو اپنی تعریف سن کر اتراتے نہیں بلکہ اسے اللہ کا فضل سمجھ کر اس کے دربار میں سرنگوں ہوجاتے ہیں تب ہی وہ بڑی محبت سے میری ٹھوڑی اوپرکرتے ہوئے بولیں۔

’’میرا دل چاہتا ہے میں تمہیں اپنی بہو بنالوں۔‘‘ میں اپنی جگہ سے اچھل پڑی مگر وہ محسوس کےے بغیر بڑے مگن انداز میں بولتی رہیں۔

’’لیکن اپنی اس خواہش کا اظہار تمہارے والد کے سامنے کرنے سے پہلے میں نے سوچا تمہاری رائے لے لوں ایسا نہ ہو تمہارے والد صاحب تم سے پوچھے بغیر تم پر اپنا فیصلہ تھوپ دیں حالانکہ والدین کبھی اولاد کا برا نہیں چاہتے مگر تمہارا معاملہ الگ ہے خود اپنے گھر میں ہی بہت تنہا ہو میرے یہ سب کہنے کا مطلب ہی یہ تھا کہ تم میرے سامنے کھل کر بات کر سکو۔

میری جیٹھانی نے تمہاری کزن شمامہ کو اپنے بیٹے کے لےے پسند کرلیا ہے۔ ہمارے ہاں جوائنٹ فیملی سسٹم ہے اگر تم میری بہو بن کر آئیں تو تمہیں شمامہ کے ساتھ ہی رہنا ہوگا۔ اگر میں نے ان سب کا رویہ تمہارے ساتھ اتنا اجنبی نہ دیکھا ہوتا تو میں کبھی یہ سوال نہ پوچھتی کیا تم ایسے گھر میں بہو بن کر جانا چاہو گی جہاں شمامہ بھی موجود ہو۔‘‘ وہ بڑی سنجیدگی سے پوچھ رہی تھیں میری تو سٹی گم ہوگئی تھی۔

مجھے اس بات کی قطعاً پروا نہیں تھی کہ شمامہ سے میرا پیچھا سسرال میں بھی نہیں چھوٹے گا مگر اس بات کی فکر ضرور تھی کہ رومیس اور شمامہ ہر وقت میری آنکھوں کے سامنے ہوا کریں گے جبکہ وہ میری خاموشی محسوس کےے بغیر کافی خوشی خوشی بتانے لگیں۔

’’ہماری پوری فیملی کل مہندی کی تقریب اٹینڈ کرنے کراچی آرہی ہے تم بھی ہمارے ساتھ چلنا، میرے خاندان کی لڑکیاں تمہیں بور نہیں ہونے دیں گی اور پھر شمامہ بھی تو چل رہی ہے۔‘‘ وہ اس بہانے مجھے اپنے بیٹے سے ملوانا چاہ رہی ہوں گی جب کہ مجھ پر تو اچانک ہی شدید قسم کی وحشت نے حملہ کر دیا تھامجھے خود نہیں پتا تھا میں کیسے ایک دم کھڑی ہوگئی اور الفاظ خود بخود میرے منہ سے ادا ہونے لگے۔

’’آنٹی۔۔۔! یہ۔۔۔ یہ نہیں ہوسکتا۔۔۔ آپ ! پلیز اس خیال کو دل سے نکال دیں۔‘‘ میرے صاف انکار اور اضطراب پر وہ ہکّا بکّا رہ گئیں میں بھی انہیں کچھ کہنے کا موقع دےے بغیر تیزی سے کمرے سے نکل گئی ان کی لائی چائے ایسی کی ایسی رکھی رہ گئی۔

ابھی میں اس دھچکے سے باہر بھی نہیں نکلی تھی کہ رومیس شمامہ کا ہونے جارہا ہے کہ یہ نئی افتاد آپڑی۔

حالانکہ اصولی طور پر مجھے خوش ہونا چاہےے تھا، رومیس کا گھر میں دیکھ چکی تھی اور اچھی خاصی متاثر بھی ہوگئی تھی اور اس کے زیادہ تر کزنز کو بھی میں نے دیکھا تھا جو رومیس کے مقابلے میں کچھ نہ سہی مگر غیر جانب داری سے جائزہ لینے پر کافی اچھی شکل و صورت کے مالک تھے۔ اگر شمامہ اونچے گھرانے کی بہو بننے جارہی تھی تو میں بھی اس گھرانے کا حصہ بن سکتی تھی۔

مگر اتنی ساری باتیں اپنے حق میں دیکھنے کے باوجود بھی میری بے چینی میں اضافہ ہورہا تھا میری تو ہمیشہ کی عادت تھی ہر بات کو بھول جانے کی مگر جانے اس وقت وہ عادت کہاں جا سوئی تھی جو رومیس کا خیال میں اپنے ذہن سے جھٹک ہی نہیں پارہی تھی۔ جب اس کی غیر موجودگی میں میری یہ حالت تھی تو اس کی موجودگی میں اپنے شوہر کے ساتھ ایڈجسٹ ہونا میرے لےے کتنا مشکل ہوگا۔

اپنی یہ جذباتیت مجھے خود بھی زہر لگ رہی تھی اس قدر آئیڈیل گھرانے سے میرے لےے رشتہ آیا تھا اور میں خوش ہونے کے بجائے ہراساںہورہی تھی آخر میں ے بھی افسانے کی بے وقوف ہیروئن کا کردار اپنا ہی لیا جسے ہیرو کے فراق میں آہیں بھرنے کے سوا کچھ اچھا نہیں لگتا۔

بیک وقت مجھے غصہ بھی آرہا تھا اور رونا بھی۔ اپنے طور پر میں نے انہیں صاف انکار کر کے قصہ ختم کر دیا تھا مگر میں ابھی تک شش و پنج کی حالت میں ایسے گرفتار تھی جیسے ابھی بھی کوئی فیصلہ کرنا باقی ہو۔

دراصل روشن آرا آنٹی نے صرف اپنی خواہش کا اظہار نہیں کیا تھا بلکہ کچھ ایسے نکات اٹھائے تھے جو شروع سے میرے علم میں تھے مگر میں نے ان پر کبھی غور نہیں کیا تھا۔

اگر چہ میرے معاملے میں ان کا تجربہ سراسر غلط تھا انہوں نے مجھے جیسا سمجھا تھا میں ویسی ہرگز نہیں تھی مگر ان کا مشاہدہ غضب کا تھا انہوں نے محض آٹھ دس دن میں یہ اندازہ لگالیا تھا کہ گھر میں تمام لوگوں کے بیچ کس قدر ناچاقی ہے، گھر کے مرد صرف پیسہ کمانے میں مصروف رہتے ہیں باقی ان کا گھر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اسی لےے صرف میں ہی نہیں شمامہ اور شاہد کی ذات بھی گھر میں اچھی خاصی نظر انداز ہوتی رہی ہے۔ ہم سب گھر والے صرف کھانے کی میز پر اکٹھے ہوتے تھے اس میں بھی بابا جان اور تایا ابا دوپہر کے وقت گھر پر نہیں ہوتے تھے اگر رات کا کھانا نہ کھانا ہوتا تو ہم مدتوں ایک دوسرے کی شکل نہ دیکھتے بلکہ اگر کبھی کسی وقت کوئی میز پر بھی نہ آتا تو نہ کسی کو اسے بلانے کا خیال آتا نہ تشویش ہوتی کہ اس کی طبیعت تو ٹھیک ہے۔

اپنے اندر کی تنہائی سے چھٹکارا پانے کے لےے ہی میں نے اکثر وہ کام کرنے شروع کےے تھے جو ہمارے معاشرے کی لڑکیوں کے لےے معیوب سمجھے جاتے تھے جیسے لڑکوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنا وغیرہ، یہ تو میری قسمت اچھی تھی کہ میرا واسطہ ہمیشہ اچھے لوگوں سے پڑا تھا ورنہ میں کہیں سے کہیں پہنچ جاتی اور کسی کو کانوں کان خبر نہ ہوتی، وہ اسی گمان میں مبتلا رہتے کہ میں اپنے کمرے یا چھت پر ہوں گی۔

یہاں تک کہ شمامہ اور شاہد کے بھی معمول کا کوئی اتا پتا نہیں تھا میں تو خیر ان کی کزن تھی اور کسی حد تک حریفوں میں شمار ہوتی تھی مگر مجھے یقین تھا تائی امی کو بھی علم نہیں ہوگا کہ ان کی پڑھائی کیسی چل رہی ہے امتحانات میں نمبر کیسے آرہے ہیں وہ جیب خرچ کو کہاں خرچ کررہے ہیں۔

مجموعی طور پر گھر کا ماحول بڑا ابتری کا شکار تھا۔ شمامہ کی کیونکہ ماں موجود تھیں اس لےے کوئی تھا جو اس کی شادی کے لےے فکر مند ہوسکے لہٰذا اچھا رشتہ دیکھ کر بھلے ہی وہ سطحی حرکتوں پر اتر آئی تھیں مگر بہرحال بیٹی کا گھر بسانے کی ایک کوشش تو کر رہی تھیں۔ میرے ساتھ ایسی کوئی آسانی بھی نہیں تھی جب کبھی میرا کوئی بھولا بھٹکا رشتہ آجائے گا بابا جان میری مرضی اور رائے کچھ بھی جانے بغیر مجھے اس کے ساتھ رخصت کر دیں بے اب یہ میرا نصیب کہ وہ رشتہ اتفاق سے اچھا نکل آئے ورنہ خود بابا جان کا میرے لےے کچھ اچھا سوچنا یا کسی مناسب رشتے کے انتظار میں بے تکے رشتوں کو ٹالنا ذرا مشکل ہی تھا۔

ایسے حالات میں میرا روشن آرا آنٹی کو انکار کرنا ایک حماقت ہی تھی ایک ہی نشست میں انہوں نے ثابت کر دیا تھا کہ وہ کس قدر مخلص اور مہربان ہیں یقینا ان کے گھر کا ماحول بھی بہت سلجھا ہوا ہوگا ان کی اپنی ساس اور جیٹھانی کے ساتھ روایتی چپقلش نہیں ہوگی حالانکہ ان کے اور ان کی جیٹھانی کے مزاج میں بھی کافی فرق تھا مگر وہ میری اور شمامہ کی طرح ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے میںمصروف نہیں رہتی ہوں گی اور ایسی سلجھی ہوئی مائوںکے زیرِ سایہ پلے بڑھے بچے بھی صحت مند ذہنیت کے مالک ہوتے ہیں لہٰذا ان کے کزنز کے بیچ بھی میرے شمامہ اور شاہد کی طرح اوچھے ہتھکنڈوں کی زور آزمائش نہیں ہوتی ہوگی۔

ایک دوسرے سے جلنا کڑھنا اور ایک دوسرے کی ناکامی پر کمینے انداز میں خوش ہو کر مسکرانا یہ سب باتیں گھر کے افراد کی نااتفاقی اور کم ظرفی کو ظاہر کرتی ہیں۔ دل میں ایک دوسرے کے لےے خلوص نہ سہی صرف خوف اللہ ہی موجود ہو تو بھی انسان ایسی کئی بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے کیونکہ جلن اور حسد انسان کے اندر کو مار دیتا ہے پھر کوئی بھی کامیابی، کسی بھی چیز کا حصول انسان کو کوئی خوشی نہیں پہنچاتی بس پھر تو ہر ردِ عمل صرف دستور زمانہ کے طور پر نبھایا جاتا ہے۔

میں جتنا اپنا موازنہ روشن آرا آنٹی کے گھر سے کر رہی تھی مجھے اتنا ہی اپنا آپ چھوٹا لگ رہا تھا ان کے روےے نے مجھے اتنا متاثر کیا تھا کہ مجھے انہیں انکار کر کے تکلیف ہوئی تھی لیکن ان تمام باتوں کے باوجود میں اپنے اندر اس رشتے کے لےے ہامی بھرنے کی ہمت نہیں پارہی تھی۔ کاش رومیس! اس گھر میں نہ ہوتا تو میں خود کو سمجھا بھی لیتی مگر اب میں خود کو بالکل بے بس محسوس کر رہی تھی۔ روشن آرا آنٹی نے بھی دوبارہ اس موضوع پر کوئی بات نہیں کی تھی ایک طرح سے میں نے انہیں موقع ہی نہیں دیا تھا۔

اگلے دن میں کالج سے پھوپھی کے گھر چلی گئی رات کو کھانے کے بعد پھوپھی نے خود مجھے گھر پر ڈراپ کر دیا مجھے معلوم تھا وہ نا صرف اس وقت مہندی میں شرکت کی غرض سے گئی ہوئی ہوں گی بلکہ اپنا بوریا بستر سمیٹ کر ہوٹل میں شفٹ ہوچکی ہوں گی کیونکہ آج تائی امی کی بھابھی اور ان کی بھابھیوں کے شوہر، بیٹے، بیٹیاں اور داماد وغیرہ سب تشریف لاچکے ہوں گے اور وہ سب تائی امی کے گھر رہنے کے لےے رضامند نہیں تھے۔ وہ لاہور سے ہی ہوٹل بک کروا کر آئے تھے اور سیدھا وہیں اترے تھے۔

ان کے جانے سے گھر میں سنّاٹا تو لگا تھا مگر بیک وقت مجھے خوشی بھی ہوئی تھی اور افسوس بھی، خوشی اس بات کی بھی زیادہ تھی کہ رومیس یہاں نہیں ٹھہرا تھا ورنہ شمامہ اس کی موجودگی میں مزید اٹھلائی اٹھلائی پھرتی جو میرے لےے برداشت کرنا تقریباً ناممکن تھا، کیا کرتی جلنے کی عادت اتنی جلدی تو نہیں چھوڑ سکتی تھی چاہے اس کے نقصانات سے کتنا ہی آگاہ کیوں نہ ہوجائوں۔

میں نے خود کو کمرے تک محدود کرلیا تھا جب کہ شمامہ شادی کے ہر فنکشن میں گئی تھی اور ہر بار واپسی پر اس کے چہرے کے رنگ بتاتے تھے کہ رومیس نے اسے ہر فنکشن میں کتنی توجہ دی ہوگی میں جان بوجھ کر اپنا کمرا بند کرلیتی اور سوتی بن جاتی تاکہ شمامہ بھولے سے بھی مجھے کچھ بتانے نہ آجائے حالانکہ آج کل اسے اپنے سوا کوئی نظر بھی نہیں آتا تھا جس سے وہ بات کرتی اور میں نے کیونکہ ان کے ساتھ کھانا کھانا چھوڑ دیا تھا اس لےے ہماری ملاقات بھی نہیں ہوتی تھی اور توقع کے عین مطابق کسی نے میرے کھانے کے اوقات کار بدل لینے پر تشویش کا اظہار بھی نہیں کیا۔

البتہ ایک دن اتفاقیہ ان کی باتیں سن کر مجھے احساس ہوا کہ میں گھر سے کس قدر دور اور لا تعلق ہوگئی ہوں۔ حلیمہ آنٹی جس شادی میں شرکت کرنے آئی تھیں وہ ختم ہوگئی تھی جانے سے پہلے وہ شمامہ کے گھر آکر منگنی کی چھوٹی سی رسم کرنا چاہتی تھیں اس چھوٹی سی رسم کے لےے شمامہ چوتھی کی دلہن کو مات دینے کی کوشش میں ہلکان ہورہی تھی۔

اسے پرپل اور پنک کامبی نیشن کلر کے چوڑی دار اور گھیر والی فراک صوفے پر پھیلائے دیکھ کر مجھے پتا چلا تھا کہ آج شام وہ لوگ شمامہ کو انگوٹھی پہنانے آرہے تھے۔

’’تمہاری منگنی ہے آج۔‘‘ میں جو پانی پینے کمرے سے نکلی تھی اسے حیرانی سے تکتی رہ گئی۔

’’ہاں بھئی، یہ بتائو ان میں سے کون سی چوڑیاں لے کر جائوں، جلدی بتائو ڈرائیور انتظار کر رہا ہے۔‘‘ وہ پنک کلر کے مختلف سیٹس لےے کھڑی تھی جو ایک سے بڑھ کر ایک تھے اس لےے اس سے انتخاب مشکل ہورہا تھا۔

’’تم جا کہاں رہی ہو؟‘‘میں مزید حیران ہوئی۔

’’بھئی پارلر جارہی ہوں تیار ہونے کے لےے۔ میری منگنی ہورہی ہے کوئی مذاق نہیں ہورہا تمہیں کیا پتا انگیج منٹ کا دن کتنا بڑا ہوتا ہے کسی لڑکی کے لےے، کبھی زندگی میں تمہارے ساتھ ایسا ہوگا تو تمہیں پتا چلے گا۔‘‘ اتنے دنوں سے اس کی گردن جس طرح اکڑی ہوئی تھی آج لگ رہا تھا وہ ٹوٹ کر گر ہی جائے گی ، اس کے پاس وقت کی سخت قلت تھی پھر بھی سامان سمیٹ کر باہر نکلنے سے پہلے وہ اس کے پاس رک گئی تھی بکواس کرنے کے لےے اس کے پاس ہمیشہ بہت ٹائم ہوا کرتا تھا۔

’’تم بھی کچھ بہتر حلےے میں آنا، ایسا نہ ہو کہ میری ناک کٹ جائے ویسے تو منگنی والے دن صرف دلہن ہی سب کی توجہ کامرکز ہوتی ہے اور میرے جیسی حسین لڑکی کے ہوتے ہوئے تمہاری طرف کسی کا دھیان جانا ذرا مشکل ہی ہے پھر بھی اتنے لوگ ہوں گے سب کے بیچ میں مجھے انگوٹھی پہنائی جائے گی چاروں طرف سے مبارک اور سلامت کا شور بلند ہورہا ہوگا میں نہیں چاہتی ایسے میں تمہارا یہ مزاحیہ حلیہ رنگ میں بھنگ ڈالے، اتنے ایکسائیٹڈ موقع پر میں بالکل بھی ایمبرس فیل نہیں کرنا چاہتی۔‘‘ میں اپنی جگہ ساکت کھڑی رہ گئی ، شمامہ کی باتوں اور نشتروں سے زیادہ مجھے اس کی آمد پریشان کر رہی تھی۔

آج وہ میرے گھر آرہا تھا وہ بھی شمامہ کے ساتھ منگنی کرنے۔ میں سانس روکے اپنی جگہ کھڑی رہ گئی جبکہ شمامہ مجھے خاموش دیکھ کر آگے بڑھ گئی کہ تب ہی تائی امی راستے میں آگئیں۔

’’تم ابھی تک نکلی نہیں شمامہ، کب جائو گی کب آئو گی وہ لوگ جلدی چلے جائیں گے ان لوگوں کی آج رات کی ہی فلائیٹ ہے۔‘‘

’’افوہ امی! ابھی میں گئی نہیں اور آپ کو آنے کی فکر شروع ہوگئی، بالوں کو پرم کروائوں گی تو ٹائم تو لگے گا۔‘‘شمامہ تیزی سے بولی ، اس کی دوست بھی اس کے ساتھ جارہی تھی اس کا ڈرائیور باہر آچکا تھا۔

’’پرم۔۔۔ وہ کس چڑیا کا نام ہے؟‘‘ تائی امی چونکیں۔

’’ایک ہیئر اسٹائل ہوتا ہے جس سے بال بہت اچھے لگنے لگتے ہیں۔‘‘ شمامہ کہتے ہوئے کمرے سے نکلنے لگی کہ تائی امی پھر بول پڑیں۔

’’ارے کیسا ہیئر اسٹائل؟‘‘ ان کے پوچھنے شمامہ نے محض وقت بچانے کے لےے ایک جملے میں انہیں سمجھا دیا ورنہ اگر وہ اتنی جلدی میں نہ ہوتی تو یہ اعتراف میرے سامنے ہرگز نہ کرتی۔

’’بس یوں سمجھ لیں کہ بالکل زوہا جیسے بال ہوجائیں گے۔‘‘ میں نے بری طرح چونک کر شمامہ کو دیکھا اس نے کوئی طنز نہیں کیا تھا اس کا چہرہ بالکل سنجیدہ تھا وہ واقعی میرے جیسے بال کرنا چاہتی تھی ابھی میں اس جھٹکے پر حیران بھی نہیں ہوسکی تھی کہ ایک اور جھٹکا لگا، تائی امی خوشی سے بھرپور آواز میں بولیں۔

’’کیا واقعی، بال ایسے ہوسکتے ہیں تو کیا بال اتنے گھنے بھی لگیں گے۔‘‘

’’ہاں امی! لیکن پتا نہیں ٹائم ہوگا یا نہیں اتنے گھنگھریالے بال بنانے میں تین گھنٹے لگتے ہیں، اچھا میں چلتی ہوں۔‘‘ شمامہ تو تیزی سے کہتی چلی گئی مگر میرے پچھتانے کے لےے ایک در اور کھل گیا۔

میں نے جب سے ہوش سنبھالا تھا مجھے اپنے بالوں سے نفرت تھی۔ میں شمامہ جیسے سیدھے اور چمک دار بال چاہتی تھی بلکہ وہ یقینا اپنے بالوں سے خائف ہوگی اسے بال پتلے لگتے ہوں گے وہ میرے جیسے گھنگھریالے بال کرنا چاہتی ہوگی تاکہ بال گھنے اور قدرتی طور پر سیٹ کروائے ہوئے لگیں۔

لوگ ٹھیک کہتے ہیں انسان کبھی اپنے حال میں خوش نہیں رہتا اسے وہی چیز اچھی لگتی ہے جو اس کے پاس نہیں ہوتی۔ دوسرے کی تھالی کا لڈو اور اپنی عقل ہمیشہ بڑی لگتی ہے لہٰذا مجھے بھی ایسی کسی ناشکری کے بجائے اسی پر خوش ہونا چاہےے جو مجھے مل رہا ہے مجھے فوراً روشن آرا کو انکار نہیں کرنا چاہےے تھا۔

ایک بار پھر میں تذبذب کا شکار ہوگئی میرا اس تقریب میں شرکت کرنے کا بالکل دل نہیں چاہ رہا تھا مگر میں اپنا تماشا بھی نہیں بنانا چاہتی تھی مجھے معلوم تھا رومیس کے تایا، چچا، پھوپھیاں سب ملا کر بہت بڑا گھرانہ ہوجاتا ہے وہ سب شادی میں شرکت کرنے یہاں آئے تھے اس لےے منگنی میں بھی سب کا آنا یقینی تھا اور میں اتنے لوگوں کے بیچ کوئی شوشا نہیں چھوڑنا چاہتی تھی ویسے تو کسی کو میری غیر موجودگی کا خیال نہیں آنے والا تھا مگر روشن آرا آنٹی کے پوچھنے پر خوامخواہ کی بدمزگی ضرور ہوتی چنانچہ میں بے دلی سے ہی سہی اچھے سے کپڑے پہن کر دوپٹّا اچھی طرح سر پر جما کر کچن میں چلی گئی میرے چہرے کی جلد کافی بہتر ہوگئی تھی مگر میرے بال ابھی تک جوں کے توں تھے۔

رات کا کھانا ہوٹل سے آرہا تھا، ڈیکوریشن والے بھی کچھ دیر میں پہنچنے والے تھے چھت پر کھانے کے انتظامات کرنے، بظاہر میرے پاس کرنے کے لےے کوئی کام نہیں تھا مگر میں ان لوگوں میں بیٹھنا نہیں چاہتی تھی جس کا واحد طریقہ یہی تھا کہ میں خود کو کچن میں مصروف کرلوں اور ان کے آنے پر میں واقعی مصروف ہوگئی، تائی امی نے تو کولڈ ڈرنکس منگوائی تھیں مگر میں نے بغیر پوچھے چائے کا انتظام کرلیا اتنے سارے لوگوں کے لےے صرف چائے بنانے میں ہی اچھی خاصی افراتفری مچ گئی مگر شکر تھا کہ ان کے گھر کی لڑکیاں مہمانوں کی طرح بیٹھنے کے بجائے کچن میں میرا ہاتھ بٹانے آگئیں، وہ زیادہ تر شادی شدہ تھیں میں ان سے پہلی بار مل رہی تھی۔

’’بھئی یہ ہماری بھابھی صاحبہ کون سے پارلر میں تیار ہونے گئی ہیں جو اب تک لوٹی ہی نہیں۔‘‘ ایک لڑکی نے رسٹ واچ پر نظر ڈالتے ہوئے کہا جو آٹھ بجا رہی تھی۔

’’نام تو مجھے نہیں معلوم، مگر وہ بس آتی ہی ہوں گی۔‘‘ میں نے اسے اطمینان دلانے کے لےے کہا ورنہ مجھے امید نہیں تھی وہ تین گھنٹے سے پہلے آئے گی۔ اسے پرمنگ کرنی تھی تو پہلے سے کرانی چاہےے تھی اگر منگنی ایمرجنسی میں ہورہی تھی تو اسے اس وقت صرف رولرز لگا کر بال کرلی کرلینے چاہےے تھے اس طرح مہمانوں کے آجانے کے باوجود اس کا یہاں نہ ہونا بہت عجیب لگ رہا تھا۔

’’بھئی ہم تو اپنا شوق پور اکرنے کے لےے انگوٹھی پہنانے آئے ہیں ورنہ حلیمہ ممانی تو تیار بھی نہیں تھیں عین فلائیٹ والی رات اس سارے ہنگامے کے لےے۔‘‘ دوسری لڑکی جو غالباً حلیمہ آنٹی کے شوہر کی بھانجی تھی صفائی دینے والے انداز میں بولی۔

’’شمامہ بھابھی نے خوامخواہ اتنا تکلف کیا پارلر والے تو بہت چارج کرلیتے ہیں۔‘‘ اس کے کہنے پر میں اس کی شکل دیکھنے لگی وہ واقعی کافی سادہ حلےے میں تھی جتنا پیسہ اور آسائشات ان کے پاس تھیں اس حساب سے اس نے نمائش کے طور پر کچھ بھی اپنے اوپر لادا نہیں تھا بلکہ میرے دیکھنے پر وہ مجھ سے ہی کہنے لگی۔

’’آپ دلہن کی ایک ہی کزن ہیں آپ تیار ہونے پارلر نہیں گئیں۔‘‘ دلہن کی ایک ہی کزن ہونے کے باوجود جب مجھے منگنی کا ہی علم نہیں تھا تو تیاری کیا خاک کرتی مگر یہ سچ اسے بتانے کے قابل نہیں تھا ابھی میں جواب سوچ ہی رہی تھی کہ اچانک روشن آرا آنٹی کچن میں نمودار ہوگئیں اور کہنے لگیں۔

’’یہ بہت سادہ بچی ہے آج کل کی لڑکیوں جیسی حرکتیں نہیں ہیں اس کی۔‘‘ ان کے محبت پاش لہجے پر وہ دونوں لڑکیاں آنکھوں ہی آنکھوں میں ایک دوسرے کو کچھ اشارے کرنے لگیں ضرور روشن آرا نے ان دونوں کو میرے بارے میں بتایا ہوگا مگر شاید یہ بات انہیں اچانک یاد آئی تھی روشن آرا آنٹی کے کچن میں آنے پر۔ مجھے ان کے درمیان کھڑا ہونا بہت عجیب لگ رہا تھا اس لےے چائے کی ٹرے اٹھا کر میں ایسے ایک دم کچن سے نکل گئی کہ انہیں کچھ کہنے کا موقع ہی نہیں ملا۔ روشن آرا آنٹی کو سلام کےے بغیر ان کے آتے ہی میرا یوں چلے آنا اچھی خاصی بد اخلاقی کے زمرے میں آتا تھا مگر میں اس وقت یہ بداخلاقی دکھانے پر مجبور تھی۔

پتا نہیں کس کس کو چائے مل چکی تھی چائے کی پچھلی دو ٹرے میں نے ان دونوں لڑکیوں کے ہاتھوں بھجوائی تھیں، شاید ان دونوں نے ڈرائنگ روم میں مردوں کو بھجوادی ہوں گی اور پھر وہاں رومیس سے بھی سامنا ہونے کاخطرہ تھا لہٰذا میں تائی امی کے کمرے کی طرف بڑھ گئی جہاں بزرگ عورتیں براجمان تھیں۔ ابھی میں کوریڈور میں ہی تھی کہ ایک مانوس سی آواز نے میرے قدم جکڑ لےے۔

’’کیا ایک کپ چائے میں لے سکتا ہوں؟‘‘ ٹرے پر میری گرفت غیر ارادی طور پر سخت ہوگئی، ہمت ہی نہیں ہورہی تھی پلٹ کر اس کی طرف دیکھنے کی، وہ بھی پتا نہیں کیوں منگنی کا دولہا ہوتے ہوئے اپنی ہی سسرال میں ایسے پھر رہا تھا جیسے کوئی چاندنی رات میں باغیچے میں چہل قدمی کر رہا ہو۔

میرے اپنی جگہ جامد ہوجانے پر وہ خود ہی گھوم کر میرے سامنے آگیا۔

’’مس زوہا! ایک کپ مجھے دے دینے سے آپ کے مہمانوں کے رزق میں کوئی کمی نہیں آجائے گی، آفٹر آل میں بھی تو مہمان ہوں۔‘‘ میں چونک کر اس کی طرف دیکھنے پر مجبور ہوگئی اسے میرا نام یاد تھا اور اتنی بڑی سی چادر کے باوجود اس نے مجھے پہچان لیا تھا اور بدلا تو وہ بھی نہیں تھا لیکن پھر بھی بہت مختلف لگ رہا تھا۔

اس نے روایتی دولہا کی طرح زرق برق کپڑے نہیں پہنے تھے مگر کشمش کلر کے رائل سلک کے شلوار قمیص میں اس کی آنکھوں کا برائون رنگ اور بھی گہرا ہوگیا تھا وہ پہلے سے بھی زیادہ دلکش لگ رہا تھا۔ اسے دو سال بعد دیکھ کر بھی مجھے ایسا لگ رہا تھا جیسے وہ ہمیشہ سے میری نظروں کے سامنے ہو، دو سال تو کیا دو پل کے لےے بھی وہ میری آنکھوں سے اوجھل نہ ہوا ہو۔

پتا نہیں اچانک میں اس کے لےے اتنی جذباتی کیوں ہوگئی تھی۔

ان گزرے دو سالوں میں، میں اسے ایسے بھولی ہوئی تھی جیسے اسے جانتی ہی نہ ہوں اور اب وہ دل و دماغ پر ایسے سوار ہوگیا تھا جیسے اس کے سوا کسی اور کو جانتی ہی نہ ہوں، کیا یہ احساس مجھے اس لےے ہوا تھا کہ شمامہ نے اسے میرے مقابلے میں حاصل کر لیا تھا یا کسی چیز کی قدر اسی وقت ہوتی ہے جب وہ ہماری دسترس سے باہر نکل جائے۔

’’لگتا ہے آپ نے مجھے پہچانا نہیں۔‘‘ مجھے بدستور خاموش دیکھ کر وہ بڑی بے تکلفی سے ٹرے میں سے کپ اٹھاتے ہوئے بولا۔

’’میں وہی کامن شکل کا انسان ہوں جس کے آپ نے چھکّے چھڑا دےے تھے اور پھر جس کی آپ شکل بھی بھول گئی تھیں۔‘‘ اس کے انداز پر میں بے اختیار مسکرادی مگر فوراً ہی میں نے اپنی مسکراہٹ پر ضبط بھی کرلیا۔

’’جی جی یاد آگیا، رومیس نام ہے نا آپ کا، منگنی بہت بہت مبارک ہو۔‘‘ میرے کہنے پر وہ نہ جانے کیوں ہنس پڑا پھر شوگر پاٹ میں سے چینی نکالتے ہوئے کہنے لگا۔

’’آپ تو ایسے مبارک باد دے رہی ہیں جیسے ارسلان بھائی کے بجائے آج میری منگنی ہورہی ہو۔‘‘

’’ارسلان بھائی۔۔۔! کون ارسلان بھائی؟‘‘ میں نے چونکتے ہوئے پوچھا۔

’’کمال ہے، جس کے ساتھ آپ کی کزن کی منگنی ہورہی ہے آپ کو ان کا نام تک نہیں معلوم۔‘‘ ٹرے میرے ہاتھوں میں لرز گئی تھی۔ پیالیوں، طشتریوں اور چمچوں کے بیچ ایک جلترنگ سا بج اٹھا۔

’’کیا ہوا آپ ٹھیک تو ہیں نا۔۔۔؟‘‘ وہ پیالی میں چمچہ چلاتے ہوئے حیرانی سے بولا۔

’’آپ۔۔۔ آپ کی منگنی شمامہ کے ساتھ نہیں ہورہی؟‘‘ مجھے یقین تھا میں اس وقت اچھی خاصی احمق لگ رہی ہوں گی تبھی وہ پیالی ہونٹوں تک لے جاتے جاتے رک کر حیرانی سے پوچھنے لگا۔

’’آپ کیوں بضد ہیں میری منگنی کرانے پر، وہ بھی اس لڑکی کے ساتھ جو میرے کزن کی منگیتر بننے جارہی ہے۔‘‘ میں کھلے منہ اور پھٹی آنکھوں کے ساتھ اسے دیکھ رہی تھی اگر شمامہ کی منگنی اس کے کزن کے ساتھ ہورہی تھی تو اس کا مطلب تو یہ ہوا کہ یہ حلیمہ آنٹی کا بیٹا نہیں ہے پھر اس کی ماں کون ہیں؟؟

’’کہیں ٹی وی سیریل کے سین چراتے چراتے خود میرے ساتھ کوئی ڈرامائی سچویشن تو نہیں ہوگئی کہیں یہ روشن آرا آنٹی کا بیٹا تو نہیں۔۔۔‘‘

مجھے لگ رہا تھا ٹرے میرے ہاتھ سے اب گری کہ تب گری کچھ پیالیوں میں سے چائے چھلکتی دیکھ کر رومیس نے ہاتھ میں پکڑی پیالی ٹرے میں واپس رکھ کر تیزی سے ٹرے میرے ہاتھوں سے لے لی۔

’’آپ کی طبیعت تو ٹھیک ہے نا۔‘‘ مجھے دیوار سے ٹیک لگاکر آنکھیں موندتا دیکھ کر وہ پریشانی سے پوچھنے لگا مگر میں اسے جواب دینے کے قابل نہیں تھی، میں اس وقت بہت گہرے صدمے میں گھری تھی صدمہ یہ نہیں تھا کہ اس کی منگنی شمامہ کے ساتھ نہیں ہورہی تھی بلکہ صدمہ اس بات کا تھا کہ اپنے جس نادر ذہن پر میں ہمیشہ نازاں رہی تھی وہ شاید کہیں گھانس چرنے چلا گیا تھا۔

میں نے آپ کو بتایا تھا نا میری یادداشت ذرا کمزور ہے میں بھولتی بہت ہوں مجھے یاد ہی نہیں رہا کہ جب تائی امی نے پہلی بار شمامہ کو اپنی بھابھی اور بھابھی کی بھابھیوں کی آمد کے متعلق بتایا تھا تب انہوں نے کہا تھا کہ وہ لڑکا پچھلے تین سالوں سے شہر کی بہت بڑی فرم میں منیجنگ ڈائریکٹر کی جاب کر رہا ہے مجھے اسی وقت سمجھ جانا چاہےے تھا کہ وہ رومیس ہو ہی نہیں سکتا کیونکہ دو سال پہلے جب میں لاہور گئی تھی تب رومیس شام کے وقت بلا ناغہ کتابیں لےے کہیں ٹیوشن سے واپس آیا کرتا تھا گویا وہ اس وقت زیرِ تعلیم تھا اور بڑی پوسٹ پر کوئی طالب علم ہرگز کام نہیں کر سکتا۔

مگر اس وقت ان کی اتنی بات سن کر ہی میں نے یقین کر لیا کہ وہ رومیس کے بارے میں بات کر رہی ہیں اورمزید کچھ سنے بغیر وہاں سے ہٹ گئی، دوسری حماقت میں نے اس وقت کی جب روشن آرا آنٹی نے مجھے اپنی بہو بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور میں صاف انکارکر کے فوراً وہاں سے بھاگ گئی کم از کم ان سے یہی پوچھ لیتی ان کے بیٹے کا نام کیا ہے وہ کرتا کیا ہے مگر میرے نادر ذہن میں یہ سارے سوال کبھی نہیں ابھرے میں بس سب کچھ بھول بھال کر شمامہ کی دیکھا دیکھی جدید فیشن اپنانے میں مصروف رہی اور جب اس میں ناکام ہوگئی تو اس کا سوگ منانے میں ہلکان ہوتی رہی۔

’’زوہا کچھ بتائیں تو سہی آپ کیسا فیل کر رہی ہیں، ٹھہریں میں کسی کو بلاکر لاتا ہوں۔‘‘ مجھے گم صم دیکھ کر وہ سمجھا تھا کہ میری حالت بہت خراب ہورہی ہے اس سے پہلے کہ وہ کسی کو بلانے کے لےے پلٹتا میں نے ٹوک دیا۔

’’نہیں نہیں، کسی کو بلانے کی ضرورت نہیں میں ٹھیک ہوں، آپ بس یہ ٹرے کچن میں رکھ کر مجھے ایک گلاس پانی بھجوادیں میں اس کونے والے کمرے میں جا رہی ہوں۔‘‘ اتنے دنوں سے میں جس مقدار میں کھانا کھا رہی تھی اس کا انجام تو بھگتنا ہی تھا میں اٹھ کر کاریڈور کے سرے پر بنے اپنے کمرے میں چلی گئی، میں اس وقت مکمل تنہائی چاہتی تھی تاکہ دوبارہ پہلے جیسے ہشاش بشاش انداز میں تقریب میں شرکت کر سکوں مگر تھوڑی دیر بعد رومیس کو ہی پانی کا گلاس لاتا دیکھ کر میں گہرا سانس کھینچ کر رہ گئی مجھے یقین تھا وہ مزاج پرسی کے گھسے پٹے جملے دوہرانا شروع کر دے گا مگر گلاس میری طرف بڑھاتے ہوئے اس نے جو کہا وہ سن کر میں حیران ہوگئی۔

’’اتنا تو مجھے یقین ہے کہ ابھی ابھی آپ کی کوئی غلط فہمی دور ہوئی ہے اب ایک بار پھر میں آپ کے بارے میں کوئی غلط اندازہ لگاتے ہوئے قیاس آرائیاں کروں آ پ خود ہی بتادیں آپ کو کیا بات پریشان کر رہی ہے۔‘‘

’’آپ نے میرے بارے میں کون سے غلط اندازے لگالےے؟‘‘ میں گلاس کو نظر انداز کرتے ہوئے اسے الجھن بھری نظروں سے دیکھنے لگی۔

’’سارے ہی غلط تھے، صحیح کون سا تھا۔‘‘

رائٹنگ ٹیبل کے ساتھ رکھی کرسی کو میرے سامنے رکھ کر اس نے کرسی کی پشت آگے کرلی جس پر دونوں بازو ٹکاتے ہوئے وہ بیٹھ کر بولا۔

’’جب میں نے پہلی دفعہ تمہیں دیکھا تھا تب میں نے تمہارے متعلق خاصی غلط رائے قائم کرلی تھی لیکن پھر جب میں تمہاری تائی کی نانی کے ہاں تم سے کئی بار ملا تب میں نے تمہیں اپنے اندازے سے بالکل مختلف پایا اور اب جو امی نے تمہارے متعلق بتایا ہے اسے سن کر مجھے یقین ہوگیا ہے کہ تم ایک ایسا معمہ ہو جو کبھی حل نہیں ہوسکتا۔‘‘

میں حیرت بھری دلچسپی سے اسے دیکھنے لگی اس نے بھی میرا تجسس بڑھاتے ہوئے خاموشی سے گلاس ایک بار پھرمیری طرف بڑھا دیا۔ اب کی بار گلاس میں نے محض اس لےے تھام لیا کہ شاید گلاس سے توجہ ہٹے تو وہ آگے کچھ بولے مگر سارا پانی ایک ہی گھونٹ میں پی لینے کے باوجود وہ کچھ نہیں بولا تو مجھے ہی ڈھیٹ بن کر پوچھنا پڑا پھر بھی میں نے بات ایسے انداز میں کی تھی کہ اسے یہ نہ لگے کہ میں سننے کے لےے بے چین ہوں اور اسے کرید رہی ہوں۔

’’مجھے پہلی دفعہ دیکھ کر تمہیں لگا ہوگا کہ میں مستقبل میں جاوید میانداد سے بھی زیادہ اچھی پلیئر ثابت ہوں گی مگر تمہارا اندازہ غلط نکل گیا میں دو سال گزرنے کے بعد بھی کرکٹ میں کوئی نام پیدا نہ کر سکی۔‘‘ میری بات پر وہ سپاٹ نظروں سے مجھے دیکھنے لگا تھا پھر ایک ایک لفظ چبا کر کہنے لگا۔

’’مجھے لگا تھا تم نہایت واہیات قسم کی ایک بگڑی ہوئی لڑکی ہو جو جان بوجھ کر ایسی حرکتیں کرتی ہے تاکہ لڑکوں سے فری ہوسکے۔‘‘

’’تو پھر یہ رائے بدل کیوں گئی۔‘‘ میرا پارہ ایک دم چڑھ گیا تو میں نے لہجے پر قابو رکھنا بھی ضروری نہیں سمجھا مگر میرے انداز پر وہ خلافِ توقع مسکراتے ہوئے کہنے لگا۔

’’بدلنی پڑی، جب تم نے مجھے بالکل لفٹ نہیں کرائی تب مجھے اپنی رائے بدلنی پڑی۔‘‘ میں کچھ نہ سمجھنے والے انداز میں اسے دیکھنے لگی، تب وہ دوبارہ سنجیدہ ہوتے ہوئے رسانیت سے کہنے لگا۔

’’دیکھو میں مغرور نہیں ہوں اور نہ ہی یہ سب بتانے کا مطلب یہ ہے کہ میں اپنی شو مار رہا ہوں مگر یہ سچ ہے کہ میں نے ہمیشہ لڑکیوںکو اپنے پیچھے بھاگتے ہوئے دیکھا ہے، ہوسکتا ہے کچھ لڑکوں کے لےے یہ سب باعثِ مسرت ہو مگرمجھے ایسی صورت حال میں ہمیشہ کوفت ہوتی تھی لیکن تم بلاشبہ پہلی لڑکی تھیں جس نے میرے آنے جانے پر کبھی کوئی نوٹس نہیں لیا، میرے اردگرد منڈلانا اور مجھ سے بے تکلف ہونے کی کوششیں کرنا تو بہت دور کی بات تھی تم تو میری طرف آنکھ اٹھا کر دیکھتی بھی نہیں تھیں اور میرے مقابلے میں ٹی وی کے بے کار سے بے کار پروگرام پر تمہاری نظریں گڑی رہتی تھیں، مجھے تمہارے روےے پر اعتراض تو نہیں تھا مگر حیرت ضرور تھی اور اس دن تو مجھے واقعی بڑی خوشی ہوئی تھی جب تم نے کہا تھا میں نے آپ کہ پہچانا نہیں، آپ کی شکل اتنی کامن ہے وغیرہ۔

مجھے تمہارا یہ کہنا بہت اچھا لگا تھا کیونکہ اسی زمانے میں ایک لڑکی میرے آگے پیچھے اس قدر پھر رہی تھی کہ میری سمجھ میں نہیں آرہا تھا میں اس سے اپنی جان کیسے چھڑائوں مگر ایک دن وہ میرے گھر آئی اور میرے کزن ارسلان بھائی سے ملی تو اس نے خود ہی میری جان چھوڑ دی اور ان کے پیچھے پھرنے لگی۔ کردار کے معاملے میں اتنی کمزور لڑکیاں دیکھ دیکھ کر مجھے تمہاری یہ سرد مہری بڑی اچھی لگی تھی۔‘‘

میرا ذہن جیسے کہیں اٹک گیا تھا وہ جس لڑکی کا تذکرہ کر رہا تھا کہیں وہ شمامہ تو نہیں۔ اس زمانے میں وہی تو اس کے ارد گرد منڈلاتی رہتی تھی اور ایک دن اس کے گھر بھی پہنچ گئی تھی مگر وہاں کیا ہوا اس نے آنے کے بعد کچھ بتایا نہیں البتہ وہاں سے آکر وہ بہت خوش تھی ضرور رومیس کے کزن ارسلان نے اس کے بے تکلفانہ انداز پر رومیس کی طرح اسے نظر انداز کرنے کے بجائے اس کی پذیرائی کردی ہوگی مگر شمامہ رومیس کے کزن کی عزت بننے جارہی تھی اس لےے شاید وہ اس کا نام لینا نہیں چاہ رہا ہوگا مگر میرا وجدان کہہ رہا تھا وہ لڑکی شمامہ کے علاوہ اور کوئی نہیں ہوسکتی۔ میرا ذہن شاید شمامہ میں ہی اٹکا رہتا کہ اس کی اگلی بات مجھے ماضی سے حال میں کھینچ لائی وہ کہہ رہا تھا۔

’’جب مجھے پتا چلا کہ میری امی کراچی میں تمہارے گھر ٹھہری ہوئی ہیں تب سب سے پہلا خیال مجھے یہ ہی آیا تھا کہ دو سال پہلے تم سے مل کر میں بھلے ہی تم سے متاثر ہوگیا تھا مگر تم میں اتنی صلاحیت نہیں کہ میری ماں کو چونکا دو تم اس ٹائپ کی لڑکی نہیں ہو جسے بزرگ پسند کرلیں ویسے بھی میری امی حلیمہ تائی کی طرح کوئی لڑکی پسند کرنے نہیں گئی تھیں میری تو ابھی نئی نئی جاب شروع ہوئی ہے لیکن جب امی نے فون پر مجھے تمہارے بارے میں بتایا تو مجھے اپنی سماعتوں پر یقین نہیں آیا۔

انہوں نے کہا انہیں یہاں ایک زوہا نامی لڑکی میرے لےے بہت پسند آگئی ہے میں یہاں آجائوں، تو پھر وہ بات آگے بڑھائیں گی میں نے تو سنتے ہی کہہ دیا آپ کو جو بھی کرنا ہے ابھی کرلیں میرے آنے کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں۔

مجھے امی کے مان جانے کی امید نہیں تھی اور وہ مان گئیں اور تمہارے راضی ہوجانے کا یقین تھا لیکن تم نے انکار کر دیا امی نے کہا وہ لڑکی کچھ کنفیوز لگتی ہے اس نے تو سنتے ہی صاف منع کر دیا اگر اس وقت تم اپنے گزشتہ حلےے میں میرے سامنے ہوتیں تو میں اسے بھی تمہارا بچپنا سمجھ لیتا مگر تمہارا یہ روپ دیکھ کر سوچ رہا ہوں تم نے یہ سب کچھ سوچ سمجھ کر ہی کیا ہوگا۔‘‘

وہ رک کر میری شکل دیکھنے لگا، میں نے واقعی کچھ سوچ کر کچھ سمجھ لیا تھا لیکن اسے کیا بتاتی جبکہ وہ مجھے خاموش دیکھ کر خود ہی کہنے لگا۔

’’کیا میں تمہارے انکار کی وجہ پوچھ سکتا ہوں اگر بتانا نہیں چاہتیں تو کوئی بات نہیں لیکن ایک بار اپنے فیصلے پر نظر ثانی تو کر سکتی ہو، امی کہہ رہی تھیں وہ ایک بار پھر تم سے بات کریں گی وہ صرف تمہیں ہی اپنی بہو بنانا چاہتی ہیں اور یہ صرف ان کی ہی نہیں میری بھی شدید خواہش ہے۔‘‘

ہائے کاش! میری زندگی میں وہ سارے حادثے نہ ہوئے ہوتے تو میں اس وقت ہوائوں میں اڑ رہی ہوتی مگر اس وقت تو میں ہونق بنی اسے دیکھتی رہ گئی۔

اسے میری یہ ادا پسند آئی تھی کہ میں نے اسے مکمل طور پر نظر انداز کر دیا تھا ہاں یہ سچ تھا کہ میں نے کوئی سطحی پن نہیں دکھایا تھا مگر اسے نہ سہی اس کی ماں کو متاثر کرنے کی میں نے ہر ممکن کوشش کی تھی یہ اور بات تھی کہ میری تمام کوششیں غلط سمت میں ہوتی رہی تھیں مگر نتیجہ پھر بھی صحیح نکل آیا تھا اگر یہ سب کچھ میری پلاننگ کے مطابق ہوتا تو روشن آرا آنٹی تو مجھے ہرگز پسند نہ کرتیں بلکہ ہوسکتا تھا حلیمہ آنٹی بھی ناپسند کر دیتیں کہ بہرحال میں خوب صورتی میں شمامہ کا مقابلہ نہیں کر سکتی تھی اور حلیمہ آنٹی کو میری جیسی نہیں، شمامہ جیسی بہو چاہےے تھی۔

اس وقت جو کام مجھے بگڑے ہوئے نظر آرہے تھے اصل میں وہ میرے آئندہ کو سنوارنے والے عوامل تھے جن پر میں بلا ارادہ مجبوراً عمل کرتی چلی گئی تھی ورنہ میرے ارادے تو کچھ اور تھے اور واقعی انسان اللہ کو اپنے ارادوں کے ٹوٹنے سے پہچانتا ہے انسان کی بہتری کس چیز میں ہے یہ انسان نہیں سمجھ سکتا بس وقت بتاتا ہے۔

’’تم کچھ بول کیوں نہیں رہیں کیا تمہاری زندگی میں کوئی اور۔۔۔‘‘ اس نے جھجک کر کہتے ہوئے بات ادھوری چھوڑ دی میری اتنی طویل خاموشی پر وہ کچھ پریشان ہوگیا تھا اور پریشان تو میں بھی تھی تب ہی میں نے اسے سب کچھ بتانے کا فیصلہ کرلیا اور بہت ٹھہر ٹھہر کر پُرسوچ انداز میں کہنے لگی۔

’’کیا تم یہ جاننے کے بعد بھی اپنی اس خواہش پر قائم رہو گے کہ۔۔۔‘‘ میں کہتے کہتے رک گئی اتنی ہمت کہاں تھی۔

’’کہ کیا۔۔۔؟‘‘ اس کے لہجے میں بے چینی نمایاں تھی۔

’’کہ میرے سر کے بال جھڑ گئے ہیں۔‘‘

’’کیا۔۔۔؟‘‘ وہ جتنا ہمہ تن گوش تھا اتنی ہی بری طرح چونکا تھا۔

’’میرے سر کے بال جگہ جگہ سے جھڑ گئے ہیں۔‘‘ شرمندگی کے مارے میرا سر جھک گیا تھا اور آواز پست ہوگئی تھی۔

’’تم نے مجھ سے شادی سے اس لےے انکار کیا تھا کہ تمہارے سارے بال جھڑ گئے ہیں۔‘‘ اس کے لہجے میں بلا کی حیرت تھی جبکہ میں اس کی بات پر تڑپ اٹھی۔

’’سارے بال نہیں جھڑے ہیں، بس تھوڑے سے گر گئے ہیں وہ بھی بیوٹیشن کہہ رہی تھی دو مہینے میں ٹھیک ہوجائیں گے مگر میں گنجی دلہن نہیں بننا چاہتی ، اس لےے تمہیں دو مہینے انتظار کرنا ہوگا۔‘‘ وہ کچھ لمحے چہرے پر دنیا جہان کی بے یقینی سمیٹے مجھے دیکھتا رہا پھر ایک دم اس کی ہنسی چھوٹ گئی تو وہ ہنستا ہی چلا گیا میں کچھ دیر اس کی ہنسنی رکنے کا انتظار کرتی رہی مگر پھر مجھے لگا وہ میرا مذاق اڑا رہا ہے تو میرا دماغ ایک دم گھوم گیا میں نے ہاتھ میں پکڑا گلاس سائیڈ ٹیبل پر پٹخا اور خو د کمرے سے جانے کے لےے کھڑی ہوگئی۔

’’کیا ہوا زوہا! تم ناراض ہوگئیں، ارے سنو تو سہی۔‘‘ وہ مجھے روکتے ہوئے بولا مگر اس کی ہنسی اب بھی نہیں رک رہی تھی تو میں کیسے رک سکتی تھی میں کمرے سے نکلنے لگی تو وہ تیزی سے اٹھ کر میرے راستے میں آگیا۔

’’تمہارے بال جھڑ کیسے گئے، تمہارے پاس تو بال تھے ہی نہیں، تمہارے پاس تو گھونسلہ تھا، گھونسلہ کیسے جھڑ سکتا ہے۔‘‘

اس کے راستہ روکنے پر مجھے لگا تھا اب وہ کوئی خوب صورت سی بات کہہ کر مجھے منائے گا مگر اس کی بات سن کر میرے تلوئوں میں لگی اور سر پر بجھی۔

’’اتنی ہی برائیاں ہیں مجھ میں تو کیوں تڑپ رہے ہو مجھ سے شادی کرنے کے لےے۔‘‘

’’کیا کروں دل کے ہاتھوں مجبور ہوں نا اب دل تو کسی گھونسلے والی پر بھی آسکتا ہے۔‘‘ رومیس نے بڑے مجبور سے انداز میں آہ بھری تو میری برداشت جواب دے گئی۔ میں اسے ایک طرف دھکیل کر کمرے سے نکلنے لگی تو اس نے دروازے کے ہینڈل پر ہاتھ رکھ کر ایک بار پھر میری راہ روک لی۔

’’اچھا بال اگنے تک شادی نہیں کرو گی مگر منگنی کے لےے تو ایسی کوئی شرط نہیں ہے نا۔‘‘ میں کھولتے ذہن کے ساتھ اس کا ہاتھ دروازے کے ہینڈل سے جھٹک کر کمرا کھول کر باہر نکل گئی تو پیچھے سے اس کی آواز سنائی دی۔

’’بتائو نا گنجی دلہن نہیں بن سکتیں لیکن جھڑے ہوئے بالوں کے ساتھ چادر اوڑھ کر منگنی تو کر سکتی ہو نا، انگوٹھی بالوں میں تو نہیں پہنائی جاتی۔‘‘ اس کی بات میری سمجھ میں نہیں آئی تھی کیونکہ پائوں پٹخ کر کچن کی طرف جاتے ہوئے میں نے سمجھنے کی کوئی کوشش ہی نہیں کی تھی، دماغ سے غصے کے مارے دھواں اٹھ رہا تھا مگر آدھے گھنٹے بعد سمجھ میں آیا وہ کیا کہہ رہا تھا۔

ئ ئ ئ

شمامہ کو پارلر سے آتے آتے رات کے ساڑھے دس بج گئے تھے ہیئر پرمنگ کے بعد جب اس نے میک اپ کی بات کی تو بیوٹیشن حیران رہ گئی اسے نہیں پتا تھا یہ لڑکی عین اپنی منگنی والے دن پرمنگ کرانے آئی ہے ورنہ وہ اسے بعد میں کبھی کرالینے کا مشورہ دے دیتی۔ بہرحال اس کا کیا جاتا تھا اس نے میک اپ کر کے پورے پیسے لے لےے مگر ان سب کاموں میں شمامہ کے اندازے سے زیادہ وقت صرف ہوگیا، وہ جب سجی سنوری گھر پہنچی تو تمام مہمان جا چکے تھے تائی امی تو اسے دیکھتے ہی اس پر چڑھ دوڑیں اگر وہ پارلر کا نام بتا کر گئی ہوتی کم از کم کوئی اسے لینے ہی چلا جاتا مگر شمامہ بجائے معذرت کرنے کے مہمانوں کو کوستی ہوئی وہیں رونے بیٹھ گئی۔

’’ایسے کیسے چلے گئے وہ لوگ منگنی کی رسم کےے بغیر، فلائیٹ تو رات کے دو بجے کی تھی انہیں کم از کم بارہ بجے تک تو میرا انتظار کرنا چاہےے تھا۔‘‘ شمامہ کا غم و غصے کے مارے برا حال تھا اتنی تیاری کی تھی اس نے اور لوگ اس کے آنے سے پہلے ہی چلے گئے، تائی امی اس کی حالت دیکھ کر اپنا غصہ پیتے ہوئے اسے پچکارنے لگیں۔

’’چلوکوئی بات نہیں ایسی کون سی باقاعدہ منگنی تھی، انگوٹھی ہی تو پہنانی تھی تو دے ہی گئی ہیں، یہ لو اب پہن لو۔‘‘ تائی امی نے خوب صورت سی جڑائو انگوٹھی اس کی طرف بڑھائی تو اس نے انگوٹھی لے کر دیوار پر مار دی۔

’’ایسے پہنی جاتی ہے منگنی کی انگوٹھی؟ اس طرح ہوتی ہے منگنی؟‘‘ ارسلان کے ہاتھوں انگوٹھی پہننے کے خیال سے اس نے اپنا مینی کیور بھی کرایا تھا، تائی امی کو اس کی حرکت پر اتنا غصہ آیا کہ وہ کمرے سے ہی نکل گئیں تو شاہد اس کے سر پر پہنچ گیا۔

’’آپ ٹھیک کہہ رہی ہیں باجی! اب انگوٹھی پہننے کا کیا فائدہ، منگنی کی انگوٹھی ایسے تھوڑی پہنی جاتی ہے ہاں منگنی تو ایسے ہوتی ہے اتنے لوگ، اتنا ہنگامہ، اتنا شور۔‘‘ شاہد نے اپنے موبائل پر انگلیاں چلاتے ہوئے مصروف سے انداز میں کہا۔

’’کیا مطلب۔۔۔؟‘‘ شمامہ چونکی۔

’’آپ تو آ نہیں رہی تھیں آخر روشن آرا آنٹی نے اپنے بیٹے کے ساتھ زوہا باجی کی منگنی کر دی۔‘‘ شاہد نے کہا۔

’’کیا بکواس کر رہے ہو۔‘‘ شمامہ تلملا گئی۔

’’بکواس نہیں کر رہا آپ خود دیکھ لیں۔‘‘ اس نے اپنا موبائل آگے کر دیا جس پر اس نے رومیس اور زوہا کی منگنی کی رسم کی مووی بنائی تھی ، سارے مہمان ان دونوں کے گرد جمع تھے، انہیں مٹھائیاں کھلا رہے تھے، ان کے سر پر سے صدقے کے پیسے اتار رہے تھے، چاروں طرف سے مبارک اور سلامت کا شور بلند ہورہا تھا۔

شمامہ کے چہرے کا زاویہ بگڑتا چلا گیا ، اس نے پوری مووی دیکھے بغیر موبائل پرے کر دیا۔

*****

اس تحریر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں