’’تنہا عورت بہت آسان ہدف ہوتی ہے۔ اوربہت غیر محفوظ بھی۔‘‘ اماں حسبِ معمول شروع تھیں۔ اس نے سنی اَن سنی کرتے ہوئے آنکھیں موند لیں۔
’’عورت اگر معاشرے میں مرد کو تنہا اور بے وارث مل جائے تو وہ اسے ہتھیالینا چاہتا ہے، ہتھیا نا پائے تو رہن رکھنا چاہتا ہے نہ رکھ پائے تو اسے شکار کرلینا چاہتا ہے۔‘‘
’’اب چھوڑ بھی دے مریم! دیکھ نہیں رہی کہ بچی کتنی تھک کے آئی ہے۔‘‘ نانی کی آواز اس کی سماعتوں سے ٹکرائی۔
’’اماں! تب ہی تو کہتی ہوں چھوڑ دے، کیا فائدہ ایسی نوکری کا، گدھوں کی طرح سارا دن جُتے رہنا۔ اب دیکھو، روز بدین آنا جانا کتنا لمبا راستہ ہے۔‘‘
’’اماں! آپ مجھے وہاں رہنے بھی تو نہیں دیتیں نا!‘‘ اس نے تھکے تھکے لہجے میں شکوہ کیا۔
’’ہاں تو کیسے رہنے دوں میں تمہیں وہاں اکیلے۔ جوان جہاں لڑکی ہے۔‘‘
’’تو پھر آپ چل کر میرے ساتھ رہیں نا!‘‘
’’نہیں۔ میں نہیں جاسکتی۔ تمہیں پتا تو ہے نا پھر بار بار اصرار کیوں کرتی ہو۔‘‘
’’اماں! آپ کی بھی نا وفاداری کی حد ہے۔ بیٹی اتنی پریشان ہے روز اتنا لمبا سفر کرنا پڑتا ہے اور آپ وکیل صاحب کی بیگم کو نہیں چھوڑ سکتیں۔‘‘ وہ جھنجھلا کر اٹھ بیٹھی۔
’’ماروی! ایسا مت کہو، وہ ہمارے بُرے دنوں کی ساتھی ہیں، ہماری رگوں میں ان کا دیا ہوا رزق دوڑ رہا ہے، اب ان کو اس برے حال میں کیسے چھوڑ دوں؟ بول۔‘‘
’’مگر اماں! بیگم صاحبہ کی بیماری تو ساری عمر چلی ہے۔ کیا آپ ساری عمر ان ہی کی خدمت کرتی رہیں گی۔‘‘ اس نے چڑ کر تکیہ گود میں رکھا۔
’’ماروی! میں دیکھ رہی ہوں کہ تُو بہت اونچا اڑنے لگی ہے، چار پیسے کیا کمانے لگی، اپنی اوقات ہی بھول گئی۔‘‘
وہ ٹھنڈی سانس بھر کے اٹھ گئی، اماں کبھی نہیں بدلےں گی۔
’’ارے مریم! ماروی کو کارڈ تو دکھائو۔‘‘ نانی کے کہنے پر وہ واش روم میں جاتے جاتے رک گئی۔
’’ڈاکٹر زین العابدین شاہ، یہ کون ہیں؟‘‘ اس نے انویٹیشن کارڈ انگلیوں میں پکڑ کر ہوا میں لہرایا۔
’’بیٹا! یہ بی بی آمنہ کا بیٹا ہے۔‘‘
’’اور بی بی آمنہ کون ہیں؟‘‘ اس نے یاد نہ آنے پر استفسار کیا۔
’’بیٹا! مٹیاری کے سید ہیں نا!‘‘
’’نانی! مٹیاری تو ساری سیدوں سے بھری ہوئی ہے، بلکہ سندھ میں زیادہ تر سید پھیلے ہی سر زمین مٹیاری سے ہیں۔ اب مجھے کیا پتا کہ بی بی آمنہ کون ہیں؟‘‘
’’ارے بیٹا! تمہاری ماں کی بڑی ہمدرد سہیلی تھی۔ جب مرتضیٰ نے تیری ماں کو طلاق دی تو بی بی آمنہ نے ہی سہارا دیا تھا۔‘‘
’’کیوں نانی! اماں آپ کے پاس نہیں آئی تھیں؟‘‘ اس نے حیرت سے ان کو دیکھا۔
’’کچھ عرصے کے بعد آئی تھی، پہلے وہ بی بی آمنہ کے پاس رہی، تم چھوٹی تھیں تب۔‘‘
’’کتنا عرصہ وہ وہاں رہیں؟‘‘ وہ واپس آکر نانی کے پاس بیٹھ گئی۔
’’کوئی ایک سال رہی ہوگی۔ ہے نا مریم!‘‘ نانی نے تصدیق چاہی، وہ خاموش رہیں، اور بستروں پر چادریں بچھانے لگیں، اس نے ماں کے خاموش چہرے کو دیکھا، پھر نانی کو۔
’’مگر نانی! اماں اتنا عرصہ وہاں کیوں رہیں؟‘‘ اس نے اپنی بات پر زور دیا۔
’’ارے لڑکی! تم تو جڑ سے پتّے نکالنے بیٹھ جاتی ہو، جائو منہ ہاتھ دھو آئو تو کھانا کھائیں۔‘‘ مریم نے چڑ کر کہا۔
’’اماں! آپ ہمیشہ ایسا کرتی ہیں، آخر بتاتی کیوں نہیں مجھے کہ آپ کے ساتھ ہوا کیا تھا۔‘‘ وہ جھنجلا گئی۔
’’جائو بیٹا! تھک کے آئی ہو، نہالو تو کھانا کھائیں۔‘‘ نانی نے اس کی پیٹھ تھپکی۔
’’آخر مجھے کیسے پتا چلے گا کہ جس شخص کو میرا باپ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ کون تھا اور اس نے میری ماں کو کس جرم کی پاداش میں چھوڑ دیا۔ اس نے میری ماں کو طلاق دے دی۔ کیونکہ وہ بے وفا تھا۔ ہرجائی تھا اور اس نے میری ماں سے دغا کی، دھوکا دیا۔ یہ سب تو بچپن سے سنتی آئی ہوں اور اماں کی زندگی کی کتاب آگے خالی۔ اس کے ہر صفحے پر اب صرف میں ہوں، یا کبھی کبھار کوئی طعنہ کوئی کوسنا اس بے وفا کے نام جس نے بیچ سفر میں ان کی گود میں بچی دے کر تنہا کر دیا تھا۔‘‘
’’بیٹا! اٹھ جائو۔ کیا سو چ رہی ہو؟‘‘
نانی کے کہنے پر وہ اک ٹھنڈی سانس بھر کے تھکے تھکے قدموں سے اٹھ گئی۔
ئ ئ ئ ئ
شاہ لطیف کی دھرتی پر یہ اس کی پہلی صبح تھی۔ دس سال کے طویل عرصے بعد پہلی صبح، دس سال پہلے اس دھرتی پر اس کی جو آخری صبح تھی، وہ بہت غمگین تھی۔
اس کے باپ کو فوت ہوئے ساڑھے چار ماہ ہوئے تھے، اس کی ماں کی عدت چند دن پہلے ختم ہوئی تھی، بہت ساری ذمے داریوں کا بوجھ اس کے کندھوں پر تھا۔ آبائی زمین باپ نے ساری عمر بیچ بیچ کے کھائی۔اس سے محنت نہیں ہوتی تھی۔ ساری عمر دوستوں کے پیچھے گھومتے اور شکار کرتے گزار دی، یہ بھی نہ سوچا کہ دو بیٹوں اور دو بیٹیوں کے لےے کچھ چھوڑ دے۔
اسے اچھی طرح یاد تھا۔ ایک سال پہلے جب اس نے باغ والی زرعی زمین بیچی تو اس کی ماں نے کتنی منّتیں کی تھیں کہ یہ زمین بیٹوں کے لےے چھوڑ دے، مگر اس کا جواب ایک ہی تھا۔ ’’یہ میرا نصیب تھا جو میں کھا رہا ہوں۔ جو ان کا نصیب ہوگا وہ ان کو مل جائے گا۔‘‘
ان کی ماں کے تقاضے کا یہ فائدہ ضرور ہوا کہ اس زمین کے پیسوں میں سے دادا کے دور کی بنی حویلی کے ساتھ چار کمروں کا ایک جدید پورشن بن گیا، جب اس کی وفات ہوئی تو ان کی ڈھائی سو ایکڑ آبائی زمین میں سے صرف بیس ایکڑ بچی تھی۔ اور وہ بھی سیم و تھور والی۔
باپ کے فوت ہونے کے بعد جب اس نے جاکر زمین دیکھی، خرچے کا اندازہ لگایا تو بات اس کے بس سے باہر تھی۔ اس زمین پر تین سال تک سرمایہ لگانے کی ضرورت تھی۔ پھر کہیں جا کر زمین سے کچھ پیداوار آنے کی امید بندھتی، اور اس کے پاس اتنا سرمایہ نہیں تھا کہ وہ تین سال تک کلر والی زمین پر لگاتا۔ زین العابدین ابھی فرسٹ ایئر میں تھا اور اس نے اسی سال سندھ یونیورسٹی سے ایم اے اکنامکس کی ڈگری لی تھی، تعلیم مکمل ہونے کے بعد وہ ابھی ملازمت کی تلاش کر رہی رہا تھا کہ اس کے باپ مہر علی شاہ کی وفات ہوئی، گھر میں رکھے ہوئے پیسے ان کے سوئم چہلم اور گھر کے خرچوں کی نذر ہوگئے تھے۔
بڑی بہن کی چند دن پہلے ہی شادی ہوئی تھی جبکہ چھوٹی ابھی نائنتھ میں تھی۔ تب ہی اسے سعودی عرب جانے کا موقع مل گیا، مٹیاری کا ایک میمن سعودیہ عرب میں ملازمت چھوڑ کر آنے لگا، تو اس کے کفیل نے اپنی جگہ کسی ایمان دار آدمی کو بھیجنے کو کہا تھا جو اس کے طائف کے باغات اور حساب کتاب سنبھالے۔ اس کی ماں نے اپنی ازلی محبت سے اسے روکنے کی کوشش کی،مگریہاں حالات غیر یقینی تھے، پتا نہیں کوئی ملازمت ملے یا نہیں، اس لےے یہ موقع وہ گنوانا نہیں چاہتا تھا۔
اور تب اس اداس غمگین صبح کو وہ گھر والوں کو الوداع کہہ کر لطیف کی نگری سے رزق کی تلاش میں نکلا تھا، پچھلے دس سالوں میں وہ ایک بار بھی نہیں آیا تھا، ہر سال ماں کے ساتھ کبھی بھائی کبھی کسی بہن کو عمرے کے لےے بلوالیتا، وہ کہتا، اماں آپ آجائیں، اچھا ہے عمرہ بھی ہوجائے گا۔ اس عرصے میں اس کی چھوٹی بہن کی شادی ہوچکی تھی، اور زین العابدین ڈاکٹر بن چکا تھا، بہن کی شادی میں وہ شرکت نہ کرسکا، مگر بھائی کی شادی میں اسے آنا ہی پڑا کہ یہ زین کی شرط تھی، یہ ذمہ داری پوری کر کے وہ ہر ذمہ داری سے فارغ ہوجاتا۔ ان دس سالوں میں وہ اپنی محنت سے بہت مطمئن تھا۔ ہر ماہ گھر بھجوانے کے بعد بھی وہ اچھا خاصا بچا لیتا تھا۔ اس کا وہیں مستقل رہنے کا ارادہ تھا، ان کی مالی پوزیشن کافی مستحکم ہوچکی تھی، ان کی زرعی زمین بھی اب آباد تھی۔ اس سے آنے والی آمدنی اور پس انداز کی ہوئی رقم اس نے زین کو بھیج کر مشورہ دیا کہ اس سے اور زمین خرید لو۔
اور رات جب سب اس کو جناح ٹرمینل پر ریسیو کرنے آئے تھے تو ان سب کو دیکھ کر اس کی آنکھیں بھیگ گئیں، مٹیاری کے طویل راستے میں وہ بہنوں اور بھائی کے ساتھ مسلسل بولتا رہا تھا، مٹیاری پہنچے تو رات کے دو بج رہے تھے۔ اس لےے اس کی دوسرے رشتے داروںسے ملاقات نہیں ہوسکی تھی۔
حسبِ معمول صبح وہ جلد اٹھ گیا، ابھی صرف اس کی ماں اٹھی تھی، جو پرانی حویلی کے برآمدے میں پڑے ہوئے تخت پہ بیٹھی تسبیح پڑھ رہی تھی، اس کا کمرا ماما اظہار نبی کے گھر کی چار دیواری سے لگا ہوا تھا اظہار نبی اس کی ماں کا سگا بھائی تھا، دیوار کی دوسری طرف لگے ہوئے آم کے پیڑ کی ایک لمبی شاخ دیوار پھلانگ کر ان کے صحن میں چھائوں پھیلاتی تھی، آموں پر بور آچکا تھا اور صبح کی ٹھنڈی ہوا اس بور کو شاخوں سے چھین کر دور تک پھیلا رہی تھی۔
اس شاہ لطیف کی نگری کی صبح نے اس کو پچھلے دس سال یاد دِلا دےے تھے۔
وہ اس فضا میں سانس لینے لگا جس میں شاہ لطیف کی وائی کی خوشبو پھیلی ہوئی تھی۔
اس وقت اس کے دل نے چاہا کہ وہ اڑ کر ہالا پہنچ جائے اور شاہ کے روضے میں بیٹھ کر فقیروں کا کلام سنے۔ ’’اس وقت شاہ سائیں بھٹائی سرکار کا کون ساسُر سننا مناسب ہوگا۔‘‘
’’یقینا ایمن کلیان!‘‘ وہ سوچ کر مسکرا دیا اور اس کے دل میں شاہ لطیف کی محبت کے پھول کھلنے لگے، خوشبو دینے لگے، وہ اس خوشبو میں کھویا ہوا تھا کہ ایک آواز نے اسے چونکا دیا، وہ اس کیفیت سے نکل آیا۔
’’تو جناب شاہ سائیں نے کہا۔
ڈوریاں ڈوریاں، مہ لہاں، شال مہ ملاں ہوت من اندر جالوچ، مچھن ساں ماٹھی تھےئے۔
میں محبوب کو ہمیشہ ڈھونڈتی رہوں، خدا کرے مجھے محبوب نہ ملے، میں اسے دیکھ نہ پائوں، حاصل نہ کر پائوں، کہیں بعد از وصل وہ تڑپ و بے قراری ماند نہ پڑجائے، خاموش، ختم، ماٹھی نہ ہوجائے۔‘‘
آواز اور پڑھنے کا انداز بہت خوب صورت تھا، شاہ کا بیت مکمل سبھائواور صحیح تلفظ سے کوئی کوئی ہی پڑھ سکتا ہے، ورنہ اکثر لوگ اعراب میں غلطیاں کر جاتے ہیں، اور جو آواز اس کی سماعتوں تک پہنچی تھی، اس نے بیت کو پوری قابلیت سے سماعتوں تک پہنچایا تھا، وہ نہ چاہتے ہوئے بھی دیوار کے پیچھے سے آتی ہوئی اس آواز کی طرف متوجہ ہوگیا۔
اب وہ مکمل تفصیل سے اس بیت کا پس منظر سنا رہی تھی۔
’’جب شاہ سائیں حج کرنے کے شوق میں پیدل چلے اور تھک کر کہیں چشمے کے پاس بیٹھ گئے، دیکھا کہ پانی کی تلاش میں پیاس سے بے حال بکریاں دوڑتی آرہی تھیں، آکر اسی چشمے سے پانی پیا، جب سیراب ہوگئیں تو اس چشمے میں پیشاب کر کے گندگی پھیلانے لگیں، تو شاہ نے یہ بیت کہا، اور واپس لوٹ آئے۔
تو جناب شاہ سائیں نے کہا، ملنے کے بعد تڑپ ختم ہوجاتی ہے، جو مزا اس دوری کی تڑپ میں ہے، وہ وصال میں کہاں؟‘‘
وہ آواز بہت خوب صورت تھی، اور اس کا لہجہ بہت دل نشیں، اس نے زندگی میںبہت ساری آوازیں سنی تھیں، مگر اس لمحہ موجود میں وہ خود معترف تھا، کہ ایسی دل نشیں اور کھینچنے والی آوازاس نے اپنی عمر کے تینتیس برسوں میں نہیں سنی تھی، وہ مقناطیسی آواز اس کو دیوار کے پیچھے سے کھینچ رہی تھی، وہ کھڑکی کے قریب پہنچا، یہ ماما اظہار نبی کا گھر تھا اور ماما اظہار نبی کے گھر کے سارے افراد سے وہ اچھی طرح واقف تھا، ان کی دونوں بیویاں، بڑی جیجی اور ماما اظہار کے بڑے بیٹے انوار نبی کی بیوی کو بھی دیکھ اور سن چکاتھا، جو ایک سال پہلے عمرے کی غرض سے آئے تو اس کے پاس بھی چند دن ٹھہرے تھے۔
پھر ۔۔۔ یہ آواز کس کی تھی؟ کافی سوچنے کے بعد بھی کوئی نام اس کے ذہن میں نہیں آیا تھا، کیا یہ لڑکی کوئی مہمان ہے جو ان کے ہاں آئی ہے۔
اس کا دل مچلا تھا کہ وہ کھڑکی کھول کے اس کو دیکھ لے، جس کی آواز میں اسے اک طلسم سا محسوس ہورہا تھا، دس سال دوری کا حجاب تھا جو اسے روک رہا تھا، ورنہ یہی کھڑکی وہ آنے جانے کے لےے استعمال کرتے تھے، اس نے سر جھٹک کر کھڑکی کی کنڈی پر ہاتھ رکھا۔
یہ غیر اخلاقی حرکت تھی۔ غیر ارادی طور پر اس نے نگاہ چاروں طرف دوڑائی۔
پرانی حویلی کے لمبے برآمدے میں نماز فجر پڑھ کر تخت پر تسبیح پڑھتی ہوئی ماں پر اس کی نظر ٹک گئی۔ اس کا ہاتھ کنڈی سے گر گیا، اس کا سارا وجود شرمندگی میں گھر گیا۔
اس شرمندگی کے احساس نے اس طلسمی آواز کی زنجیر سے اس کے پائوں آزاد کر دےے تھے، وہ ماں کی طرف بڑھ گیا۔
وہ اس کی ماں تھی، اور مائیں بہت سارے جادو اور سحر سے اولاد کو بچالیتی ہےں۔ وہ ماں کے قدموں میں بیٹھ گیا اور بی بی آمنہ کا تسبیح والا ہاتھ اس کے سر کے گھنے بالوں میں انگلیوں سے کنگھی کرنے لگا۔
’’تمہیں پتا ہے نور العارفین! یہ دس سال میں نے تمہیں اس آنگن میں ڈھونڈتے گزارے ہیں۔‘‘
اس کی ماں کی آواز میں دس سال کی دوری کا دکھ کروٹیں لے رہا تھا۔ اس وقت وہ اس طلسمی آواز کو بھول گیا، اس کے ہاتھ مضبوطی سے ماں کے گھٹنے پر جم گئے۔
’’ماں! اب تو میں آگیا ہوںنا!‘‘ اس نے سر اٹھا کر ماں کو دیکھا، اس کی آنکھوں میں آنسو دیکھ کر اس کی بھی آنکھیں بھیگ گئیں، اس وقت اسے شدّت سے احساس ہوا تھا کہ ان سالوں میں اس نے وطن نہ آکر شدید غلطی کی ہے۔
’’دیکھو بیٹا! تم نے ان ذمے داریوںکو نبھاتے بہت وقت گزار دیا۔ اب اپنی زندگی کو دیکھو، زین کی شادی سے پہلے تمہاری شادی ہونا چاہےے تھی مگر تم نہیں مانے۔ اب شادی کی تقریب میں خاندان کی بہت ساری لڑکیاں آئیں گی۔ تم ان کو دیکھ لو، جو پسند آئے بتا دینا۔‘‘
اس نے مسکرا کر ماں کا ہاتھ دونوں ہاتھوں میں تھام لیا۔
’’جو حکم میری ماں کا۔ سر آنکھوں پر۔‘‘ اس نے بی بی آمنہ کے ہاتھ پر اپنے لب رکھ دےے۔
ئ ئ ئ ئ
جھگڑے کا آغاز ہمیشہ چھوٹی سی بات سے ہوتا ہے، پھر بڑھتا ہی چلا جاتا ہے اور ملکیت کا احساس، اقتدار کی خواہش تو ہمیشہ سے فساد کا سبب رہی ہے باہر سے جھگڑے کی آوازیں آرہی تھیں۔
’’تُو ہے ڈائن، ناگن، میرا گھر برباد کرنے والی۔‘‘ اس کی ماں کی آواز میں دکھ نمایاں تھا۔
’’ایسی ہی گنوں والی ہوتی تو باندھ کے رکھتی شوہر کو۔‘‘ یہ آواز اس کے باپ کی دوسری بیوی کی تھی۔
اس نے دونوں کانوں پہ تکیہ رکھ لیا۔ انسان ساری غلطیاں کرنے کے باوجود خود کومظلوم کیوں سمجھتا ہے۔ شاید یہ احساس تب پیدا ہوا ہو جب وہ جنت سے نکالا گیا تھا۔
’’نہیں۔‘‘ دوسرے لمحے ہی اس نے اپنی سوچ کو سختی سے رد کر دیا۔
انسان نے تو خود اپنے آپ پر ظلم کیا تھا۔
انسان مظلوم تب بنا جب دوسرے انسان نے اس کا استحصال کیا، اس کے حق پر ڈاکہ ڈالا۔
باہر سے شور کی آوازیں ابھی تک آرہی تھیں، اس جھگڑے کا اختتام کب ہوگا، آخر کب تک ایک عورت دوسری عورت سے مرد کی ذات کے لےے لڑتی رہے گی، اس نے جھنجلا کر اخبار اٹھایا۔
سات بچوں کی ماں آشنا کے ساتھ بھاگ گئی۔
شوہر نے بیوی کو کاری کر کے قتل کر دیا۔۔۔ روڈ ایکسیڈنٹ میں تین افراد جاں بحق۔۔۔ ایک قبیلے کے پانچ آدمیوں نے دوسرے قبیلے کے دو افراد کو قتل کر دیا۔ دونوں قبیلے مورچہ بند۔
کراچی میں لینڈ مافیا نے زمین پر قبضہ کرلیا۔
پانی نہ ملنے پر احتجاجی مظاہرہ۔
اس نے غصے سے اخبار رول کر کے پھینک دیا، توجہ کیا بٹتی یہاں تو اور بندہ یاسیت کا شکار ہوجاتا ہے،یہ سب کیا ہورہا ہے، کہیں بھی سکون نہیں، اس نے اٹھ کر رائٹنگ ٹیبل کی دراز سے ڈائری نکالی، کیا لکھوں؟ ذہن بالکل صاف و شفاف سلیٹ کی طرح تھا، کوئی اقتباس، کوئی شعر، کوئی بات اسے یاد نہیں آرہی تھی، اس نے بے دلی سے ڈائری واپس رکھی۔ چیئر کی بیک سے سر ٹکا کر آنکھیں موندلیں۔
دل میں اک عجیب سکوت تھا، کوئی احساس، کوئی جذبہ ابھر کے سامنے نہیں آرہا تھا، اک عدد منگیتر رکھنے کے باوجود۔ وہ تلخی سے مسکرائی۔
’’آخر میرا دل اس کی طرف مائل کیوں نہیں ہوا؟‘‘ وہ سنجیدگی سے وجوہات پر غور کرنے لگی۔ ’’اس کی تعلیم میں عدم دلچسپی اور بے ڈھنگے پن سے چلنا اور بات کرنا یا لوفروں کے سے اطوار، مجھے پسند نہیں، یا مرغیاں اور کبوتر پالنا۔‘‘
شاید یہی وجوہات ہیں اس کو ناپسند کرنے کی۔
’’میںیقینا اس کے ساتھ خوش نہیں رہ پائوں گی۔‘‘ وہ سوچ کر پھر یاسیت کا شکار ہوئی۔
’’جو ہوگا نصیب میں ہوگا دیکھا جائے گا، ابھی سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔‘‘ اس نے سوچ کر سر جھٹکا۔
باہر جنگ کے بعد اب پرامن ٹھنڈی ہوائیں چل رہی تھیں، وہ دروازہ کھول کر برآمدے میں آئی، لکڑی کی منقش کھڑکیوں اور جالیوں والا پرانی طرز کا بنا ہوا برآمدہ اسے شروع سے ہی اچھا لگتا تھا، اس نے اپنا کمرا بھی اس برآمدے کے بیچ والا لیا تھا، سائیڈ پر جیجی کا کمرا تھا، دوسری سائیڈ پہ اس کی بھابھی اور ماں کے کمرے تھے، اس کی بائیں سائیڈ پر جدید طرز کے تین کمرے تھے، جو کہ دو اس کے باپ کی دوسری بیوی اور تیسرا ڈرائنگ روم کے لےے استعمال ہوتا تھا، جیجی کے کمرے کے سامنے ہی لمبے برآمدے میں ان کا تخت پڑا ہوا تھا، جیجی کی اس کی طرف پشت تھی، وہ ان کے تخت پر ان کے سامنے آکر لیٹ گئی، وہ اسے دیکھ کر محبت سے مسکرائیں۔
تسبیح کے دانے تیزی سے نیچے گر رہے تھے، اس کی نظریں جم گئیں۔ ’’جیجی اتنی عبادت کیوں کرتی ہیں؟‘‘
’’اماں! نکل آئی باہر۔‘‘
جیجی نے تسبیح ختم کر کے اس پر دم کیا۔ ان کے گلابی لب مسکرا رہے تھے، چشمے کے پیچھے سے ان کی روشن ، چمک دار آنکھیں بھی مسکرا رہی تھیں، اُس نے دلچسپی سے جیجی کو دیکھتے ہوئے سوچا۔ سندھ کے اندر یہ کیسی روایت ہے کہ بیٹی کو ماں اور بیٹے کو بابا کہا جاتا ہے۔ یہ بھی پیار کا انداز ہے، اولاد کوماں باپ کی طرح عزت دینے کا طریقہ، اس نے سوچا۔ شاید سندھ کے لوگوں میں سادگی اور محبت کوٹ کوٹ کر بھری ہے۔
’’جیجی جان! ہمارے گھر سے یہ دنگا فساد آخر کب دور ہوگا؟‘‘
’’اماں! کیوں پریشان ہوتی ہو، یہ جھگڑا تو نبیوں کی بیویوں کے درمیان بھی رہا ہے، بی بی سارہ، بی بی حاجرہ کو بھول گئیں کیا؟‘‘ دلچسپی سے جیجی کو دیکھتے سوچا ۔ ’’سندھ کے اندر یہ کیسی روایت ہے کہ بیٹی کو اماں بیٹے کو بابا کہا جاتا ہے۔ یہ بھی پیار کا اک انداز ہے یا اولاد کو بھی ماں باپ کی طرح عزت دینے کا طریقہ، سندھ کے لوگوں کے اندر محبت و سادگی کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے۔‘‘
’’مگر جیجی! نور العارفین اتنے سالوں کے بعد آیا ہے۔ کیا سوچے گا، اتنا جھگڑا؟ کچھ خیال کرنا چاہےے تھا نا، دیوار سے دیوار ملی ہوئی ہے، ساری آواز دوسری طرف جاتی ہے۔‘‘ وہ جھنجلائی۔
’’تو نور العارفین کون سا غیر ہے۔ اسے سب پتا ہے کہ اس گھر میں اس کی دو مامیاں ایک ساتھ رہتی ہیں، سو ایسے جھگڑے چلتے رہتے ہیں، تم پریشان مت ہوا کرو، جائو اپنی ماں سے کہو کہ اتنے سال بعد میرا بھانجا آیا ہے، جا کر اس سے مل کے آئے، میں تو چل کر نہیں جاسکتی۔‘‘
’’السلام علیکم جیجی!‘‘
اس مردانہ آواز پر وہ ہڑ بڑا کر اٹھی اور جلد ہی دوپٹّا درست کیا۔
’’اماں سے پوچھا۔ جیجی کیسی ہیں تو اس نے کہا کہ اب چل پھر نہیں سکتیں۔ کمرے سے برآمدے تک محدود ہوگئی ہیں، تو میں نے کہا کہ میں خود چل کر آپ سے مل آتا ہوں۔‘‘ اس نے جیجی کا ہاتھ چوم کر بتایا۔
جیجی نے اس کا چہرہ دونوں ہاتھوں میں لے کر دعائیں دیں۔
’’بہن کو کہا کہ جا کر جیجی کو بتا آئو، میں ملنے آرہا ہوں تو اس نے کہا، بتا دیا ہے۔‘‘ اس نے اپنے اچانک آنے کی وضاحت کی۔
’’السلام علیکم ادا!‘‘ اس نے جھجکتے ہوئے سلام کیا۔
اس نے کنفیوژ سی کھڑی اس لڑکی کو دیکھا۔ یہ آواز صبح والی ہی تھی، مگر یہ تھی کون، اس نے سلام کا جواب دے کر سوالیہ نظروں سے جیجی کو دیکھا۔
’’یہ اعجاز کی بیٹی ہے سندھیا۔‘‘
’’ارے اتنی بڑی ہوگئی، میں گیا تو یہ ساتویں میں تھی۔‘‘ اس نے خوش گوار حیرت سے کہا۔
’’تو تم کون سا دو ماہ کے بعد آئے ہو۔‘‘ اماں نے آتے ہوئے ہنس کے کہا، وہ ان سے ملنے لگا، تو اس نے موقع کا فائدہ اٹھایا اور اپنے کمرے میں آکر دم لیا۔ ’’مجھے اتنا کنفیوژ ہونے کی کیاضرورت تھی۔‘‘ اسے خود پر غصہ آیا۔
’’ویسے بندہ شان دار ہے۔‘‘اس نے لاشعوری طور پر اعتراف کیا تھا۔
ئ ئ ئ ئ
’’ماما! اعجاز نبی کی بیٹی سندھیا، وہ دو چوٹیاں بنائے ہوئے اسکول جانے والی دبلی پتلی لڑکی۔‘‘ وہ اس کے بوکھلائے ہوئے روپ کو خیال میں بھر کے مسکرایا۔
’’شاید یہ پہلی لڑکی ہے، جس کو دیکھ کر سوچا ہے کہ میری شریکِ حیات ایسی ہو۔‘‘
’’ایسی کیوں؟ یہ ہی کیوں نہیں؟‘‘ دل نے ہمک کر کہا۔
’’پورے گیارہ سال چھوٹی ہے مجھ سے، کیا وہ اور اس کے گھر والے مان جائیں گے؟‘‘
’’نور العارفین!‘‘ باہر سے شہزین کی آواز پر وہ چونکا۔
’’جی آپا!‘‘ وہ سرعت سے کمرے سے باہر نکلا۔
’’نور! تم چلو، ہمارے ساتھ حیدرآباد، ابھی جیولر کا فون آیا تھا کہ جیولری تیار ہے، کچھ اور بھی شاپنگ کرنی ہے۔‘‘
’’چلیں، میں تیار ہوں۔‘‘ اس نے سعادت مندی کا مظاہرہ کیا۔
’’شکر ہے ادا! آپ اتنی آسانی سے مان گئے، ورنہ زین تو اتنی منّتیں کرواتا ہے کہ بس۔‘‘ وہ شہزین کی بات پر مسکرا کرگاڑی اسٹارٹ کرنے لگا۔
آپا کے ساتھ سندھیا کو آتے دیکھ کر اس کا دل زور سے دھڑکا تھا۔
وہ اسے سننا چاہتا تھا، اس سے بات کرنا چاہتا تھا مگر وہ اس وقت بھی خاموش بیٹھی تھی، اس کی جھجک وہ صاف محسوس کر رہا تھا۔ آپا اور شہزین کی باتوں کا صرف ہوں، ہاں میں جواب دیتی ہوئی، اس کے دل پر دستک دے رہی تھی۔
’’کیا یہ محبت ہے؟‘‘ اس نے خود سے سوال کیا۔ پتا نہیں مگر دل اس کی موجودگی سے مسرور ضرور تھا۔
سارے راستے وہ خاموش رہی، جیولر کے ہاں بھی، پھرلائبہ سے کاٹن کے سوٹ لیتے ہوئے۔ وہ ٹیلر کو دیتے ہوئے، آپا اور شہزین کی طرح اس نے کوئی ہدایات نہیں دیں، وہ اچھی خاصی کنفیوژتھی۔ چوڑیوں کی دکان پر اس نے چوڑیوں کے ایک سیٹ کی طرف ہاتھ بڑھایا تو اس سے پہلے نور العارفین نے وہ سیٹ اٹھالیا۔
اس نے حیرت سے نورالعارفین کو دیکھا۔ اس کی آنکھیں اور لب مسکرا رہے تھے۔
’’سنا ہے حیدرآباد کی چوڑیاں بڑی مشہور ہیں۔‘‘
اس نے اب بھی صرف سر اثبات میں ہلانے پر اکتفا کیا تھا۔
’’یہ اور مشہور ہوجائیں گی، اگر آپ پہنیں گی۔‘‘
’’جی نہیں۔ میں ماڈل نہیں ہوں۔‘‘
وہ اس کے جواب پر بے حد محظوظ ہوا۔ ’’یہ چوڑیاں اور خوب صورت لگیں گی، اگر آپ پہنیں گی، اب تو ٹھیک ہے نا!‘‘ وہ اس کی بات پر چپ رہ گئی۔
’’ارے آپا! دیکھیں۔ میں سندھیا کو چوڑیاں لے کر دے رہا ہوں، مگر یہ لے نہیں رہی۔‘‘ اس نے بہنوں کو آتے ہوئے دیکھ کر کہا۔
’’سندھیا! تم نے کچھ لینا بھی ہے۔ وہاں کپڑوں سے بھی انکار کر دیا۔ اب اماں کی ڈانٹ بھی خود کھانا، ہمیں کہیں گی کہ میری بھتیجی کا خیال نہیں رکھا۔‘‘ آپا کہتے ہوئے دوسری جانب متوجہ ہوگئیں۔
’’ہاں بالکل، یہ لو۔‘‘ اس نے بہت سارے سیٹ ہاتھوں میں اٹھا کر دونوں ہاتھ اس کے سامنے کر دےے۔ اس نے چوڑیاں اٹھانے کے لےے ہاتھ بڑھائے تو اس نے اپنے دونوں ہاتھ پیچھے کرلےے، اس نے اس بار نور العارفین کو گھور کر دیکھا۔
’’اک شرارت کرتے ہیں۔‘‘
مدھم ہنسی کے ساتھ آواز آئی، اس نے سر جھکالیا، نورالعارفین نے چوڑیوں کے سارے سیٹ شاپر میں ڈالے اور سندھیا کا ہاتھ پکڑ کر شاپر اسے تھمایا۔
’’آئو محبت کرتے ہیں۔‘‘
سرگوشی اس کے کان کے قریب ابھری، وہ بے تحاشا نروس ہوگئی، پسینے کے ننھے قطرے اس کی پیشانی پر نمودار ہوئے تھے، سر اٹھا کر نورالعارفین کو دیکھنا اب اس کے لےے ناممکن ہوگیا تھا، وہ بھاگنے کے لےے مڑی، مگر وہ ہاتھ باندھے اس کے سامنے آگیا۔
’’آئو محبت کرتے ہیں۔‘‘
’’اب چلو بھی۔‘‘ آپا کی آواز پر اس نے سکھ کا سانس لیا تھا۔
ئ ئ ئ ئ
آئو اوریاں جھل توں، چھڈیم پان پچار
شرک ساں ستار، کھنا گھاریم ڈینھڑا
(میں نے منزلِ مقصود پر پہنچنے سے پہلے اپنی خودی کو ترک کیا، اے عیب چھپانے والے خدا! میں نے شرک کے ساتھ بڑی عمر گزاری ہے۔)
وہ آکر جیجی کے تخت پر لیٹ گئی تھی انوار نبی بھی جیجی کے پاس بیٹھا تھا، جیجی اب اس بیت کی تشریح کر رہی تھیں۔
’’بندہ جب تک اپنی ’’میں‘‘ کو ختم نہیں کرے گا، تب تک منزل نہیں ملتی بیٹا! اپنے نفس کی بات ماننا بھی شرک ہے، اسی بات کا شاہ سائیں عبداللطیف بھٹائی نے درس دیا ہے۔‘‘
’’جیجی! یہ بالکل درست بات ہے کہ بندے کا سب سے بڑا دشمن اس کا نفس ہی ہے، جو شیطان کے بہکاوے میں آسانی سے آجاتا ہے۔‘‘
انوار نبی کہتے ہوئے اٹھا۔
’’سندھیا! میں حیدرآباد جارہا ہوں، تمہیں کچھ چاہےے تو بتادو۔‘‘
اس نے چونک کر بھائی کو دیکھا۔ ’’نہیں ادا! کچھ بھی نہیں۔‘‘
’’اچھا جیجی! دعا کرنا۔‘‘
’’ابّا! اللہ پناہ میں رکھے تمہیں۔‘‘
وہ گم صم سی آنکھیں موندے پڑی تھی، نورالعارفین کے اظہارِ محبت نے اس کے دل پر پہلی ہی دستک دی تھی، اور اسے پتا ہی نہ چلا کہ اس کے دل کے پٹ کیسے وا ہوگئے۔ وہ کئی دن سے پریشان تھی، اپنے تئیں تو اس نے دل کے کواڑ مضبوطی سے بند کر رکھے تھے مگر یہ اس کا واہمہ نکلا۔ بارہا کوشش کی کہ دل کے پٹ مضبوطی سے بند کر دے، مگر ہر بار ایسا کرنے کے باوجود نور العارفین اس کے دل میں براجمان ہوتا۔ وہ نکلتا ہی نہیں تھا، ہر بار خود سے لڑنے کے باوجود دل کی دلیلوں سے ہار جاتی۔ اس کے ساتھ یہ کیا ہورہا تھا۔ اپنی اس کیفیت نے اسے گم صم اور پریشان کر دیا تھا۔
جیجی اسے کتنی ہی دیر بغور دیکھتی رہیں، کئی دن سے اس کی موجودگی اور ناموجودگی برابر تھی، وہ جہاں بیٹھتی اپنی سوچوں میں کھوئی رہتی۔
’’اماں۔۔۔ سندھیا!‘‘ جیجی نے پکارا۔
مگر اس پکار کا جواب نہیں آیا، جیجی نے اس کی نیم وا آنکھوں کے خمار کو دیکھا، اور سوچ میں پڑ گئیں۔
مے اور محبت دونوں ہی آنکھوں کو خمار زدہ کر دیتے ہیں، اس کی آنکھوں پہ کیسا خمار تھا۔ اس کی آنکھوں پر بھی محبت کا رنگ چڑھا ہوا تھا، شرابی کے منہ کی بو کوئی شرابی ہی پہچان سکتا ہے مگر جس نے نہ شراب دیکھی ہو نہ چکھی ہو وہ سوچتا ہی رہ جاتا ہے کہ یہ بو کیسی اور کس چیز کی ہے، محبت کرنے والے بھی ایسے ہی ہوتے ہیں۔ جس نے محبت کے کوس نہ گِنے ہوں انہیں کیا پتا اس راہ کا، ان کے لئے محبت استہزا ہوتی ہے یا بغاوت۔۔۔ مگر محبت کی مۓ چکھنے والے دوسرے محبتی کو دیکھ کر ہی پہچان لیتے ہیں رنگِ محبت کو۔وہ سوچ میں پڑ گئیں کہ اس کی نوخیز بھتیجی کس راہ پر چل نکلی ہے۔
’’سندھیا۔۔۔! کیا بات ہے، طبیعت صحیح ہے؟‘‘
’’جی!‘‘ اس نے آنکھیں کھول کر انہیں غائب دماغی سے دیکھا۔ ’’جیجی! آپ نے کچھ کہا؟‘‘
وہ مسکرادیں۔ ’’اماں۔۔۔!‘‘
اکھیوں سے ئی دھار، جن سیں پسیں پریں کھے
بیئے ڈانہہ کیم نہار گھنور سارا سپریں
(آنکھیں وہی رکھو، جن سے محبوب ’’حقیقی‘‘ کا دیدارکر سکو، کسی دوسرے کی طرف مت دیکھنا کیونکہ محبوب ’’حقیقی‘‘ بے حد غیرت مند ہے۔)
اس کا ذہن ایک دم بے دار ہوا تھا، اس نے بے اختیار جیجی سے نظریں چرالیں، ورنہ عام طور پر وہ جیجی کے پڑھے ہوئے بیت کے معنی جیجی سے پوچھتی پھر خود تشریح کرنے لگتی۔
’’کیا جیجی میرے احساسات جان گئی ہیں؟‘‘ اس نے گھبرا کر آنکھیں موندلیں، جیجی نے بغور اسے دیکھا اور گہری سانس لے کر پھر سے تسبیح کرنے لگیں۔
ئ ئ ئ ئ
بچپن سے لے کر جوانی تک ماروی نے اپنی ماں کی زبانی عشق اور مرد کو کوستے پایا، نفرت کرتے دیکھا، اس نامراد عشق نے اس کی ماں کوبے گھر کر دیا تھا۔ بچپن سے عشق کا ذکر سنتے سنتے اسے اچھی طرح پہچان گئی تھی۔ اسے ہر آنکھ اپنی استعداد عشق بنا دیتی تھی۔وہ بچپن سے عشق کا ذکر سنتے سنتے اسے اس طرح پہچان گئی کہ ہر آنکھ کو دیکھ کر با علم ہوجاتی اس آنکھ نے عشق کا مزا چکھا ہے یا نہیں۔ وہ خاموشی سے ہر آنکھ کی راز دار بن جاتی۔ اس کی سکھی پن کا رشتہ خود بہ خود قائم ہوجاتا۔ اور وہ آنکھ دو تین ملاقاتوں میں اپنے عشق کے آنسو اس کی ہتھیلی پر گرا دیتی وہ اس قطرئے عشق کو بڑی مہارت سے دستِ دل میں محفوظ کرلیتی۔ وہ عشق کی ہر خوب صورتی اور بد صورتی کو پہچان گئی۔ وہ تو عشق کی ہئیت، بناوٹ، بگاڑ تک کو جان چکی تھی۔
وہ آنکھ کا طلسم جان گئی تھی، اس لےے اس سے کوئی آنکھ اپنے اسرار چھپاتی ہی نہیں تھی۔
بڑی جیجی کی آنکھ کا عشق تابد تھا، اعجاز نبی شاہ کی پہلی بی بی کی آنکھ ابھی تک کر لارہی تھی، دوسری بی بی کی آنکھ کا عشق اب ماٹھا تھا اور سب سے چھوٹی بی بی کی آنکھ پہ عشق کا ذائقہ ابھی تازہ چڑھا تھا۔ ساری بیبیوں نے انہیں بڑی خوش دلی سے بھلیکار (خوش آمدید) کہا تھا۔ ان سے آنا جانا ترک کرنے پر شکوے کےے تھے۔ اسے ہاتھوں ہاتھ لیا گیا تھا، شادی کی گہما گہمی دونوں گھروںمیں اپنے عروج پر تھی۔
’’اعجاز نبی شاہ نے دوسری شادی کیوں کی؟‘‘ اس نے ماں سے سرگوشی میں پوچھا۔
’’اعجاز نبی شاہ کو منگھرار (میراثن) سے عشق ہوگیا تھا۔ پہلی بی بی کا تقویٰ پرہیزگاری اس منگھرار (میراثن) کے ٹھمکے اور ناچ کے آگے دھری کی دھری رہ گئی، تب بڑی جیجی اکثر آہ بھر کے کہتی بس ’’اماں۔۔۔! لنڈیوں لاڈکن، ستیوں ستائیں۔‘‘ (طوائفیں ناز اٹھوائیں، پرہیزگار نیک منتیں کریں)
اس نے اکثر سنا تھا جو برسہا گن، وہ جگ سہاگن مگر اس کے برعکس لوگوں میں بی بی عطیہ کی عزت بی بی نغمہ سے زیادہ تھی، شاید جگ میں بی بی عطیہ کا خلوص، پاک بازی اور نیک نامی نغمہ گانے والی سے زیادہ اہمیت رکھتی تھی۔
وہ سندھیا کے ساتھ بہت جلد گھل مل گئی تھی۔ اپنی جاب کے بارے میں سندھیا کو بتایا تھا۔
’’تو آپ مٹیاری میں کب اپنی این جی اوز بنائیں گی؟‘‘ اس نے ہنس کر پوچھا۔
’’بھئی، جب میر اٹرانسفر مٹیاری میں ہوجائے گا تب، فی الحال تو میں بدین میں ہوں۔‘‘ ماروی نے اسی خوش دلی سے جواب دیا۔
اسی وقت بی بی عطیہ سونے کا بھاری سیٹ لے آئیں۔
’’اماں! میں یہ نہیں پہنوں گی، میں میچنگ جیولری لے آئی ہوں۔‘‘
’’برادری کی ساری عورتیں سونے کے زیورات پہنیں گی، تم یہ نقلی پہنو گی، لوگ ہنسیں گے نہیں۔‘‘ بی بی عطیہ تنبیہ کرتی ہوئی چلی گئیں۔
’’دیکھا تم نے؟‘‘ سندھیا جھنجلائی۔
’’تم لوگوں کے ہاں یہ رواج ہے تو پہن لو۔‘‘ وہ کہتے ہوئے واش روم میں گھس گئی۔ پیچھے سندھیا برے برے منہ بناتی رہی۔ جب وہ دونوں تقریب میںپہنچیں تو ماروی نے کہا۔
’’یہاں تو ہر طرف سونا ہی سونا ہے، آپ کی اماں بھی صحیح ہی کہہ رہی تھیں۔‘‘ اس نے خاندان کی عورتوںکو غور سے دیکھا، اور ماروی کو دیکھ کر بے اختیار ہنس دی۔
ہالا کی منگھرار لہک لہک کر گارہی تھیں، اور ناچ ناچ کے پیسے اٹھا رہی تھیں۔
ئ ئ ئ ئ
رات گئے لائوں دینے کی رسم شروع ہوچکی تھی، دولہا مسجد سے نفل پڑھ کر سیج پر دونوں گھٹنے ٹیک کر آبیٹھا، بیچ میں تکےے رکھے تھے۔
دوسری طرف دلہن گھونگھٹ میں بیٹھی تھی، لائوں دینے روایت کے مطابق پہلے مردآئے تھے۔
اعجاز نبی شاہ، انوار نبی شاہ لائوں دے کر چلے گئے، تو نورالعارفین آیا، آمنے سامنے بیٹھے دولہا، دلہن کے سروں پر ہاتھ رکھ کر دونوں کے سر زور سے ٹکرائے۔
’’آہستہ بھائی!‘‘ شہزین چیخی، آپا نے اس کے ہاتھ پر چپت رسید کیا۔
’’آپا! زور سے ٹکریں مارنے سے محبت شدید ہوگی میاں بیوی میں۔‘‘
’’پھر تو آپ کو اجازت ہے ادا! ہمارے سر اور بھی زور سے ٹکرائیں۔‘‘
’’تم چپ کرو، دولہے میاں! سیج پر زیادہ نہیں بولتے۔‘‘
’’توبہ توبہ، آپا! نہ ہنسنے دیتی ہو، نہ بولنے کہ قحط پڑجائے گا، آپ نے سیج پر جیتا جاگتا انسان بٹھایا ہے، کوئی بوتا نہیں۔‘‘
’’اللہ پناہ میں رکھے بوتا بننے سے، زین! تم جب بھی بولو گے غلط بولو گے۔‘‘ آپا نے اس کے بازو پر چپت رسید کی۔
’’ادا! گھوٹ (دولہا) کی یہ عزت ہے۔‘‘ زین نے چپت پر دہائی دی۔
’’گھوٹ کی اگر یہ عزت ہے تو بھئی ہم باز آئے ہمیں اپنی عزت بڑی پیاری ہے۔‘‘ نورالعارفین نے دونوں ہاتھ اٹھا کرہنستے ہوئے کہا اور واپسی کے لےے پلٹا۔
’’ادا! واپس کہاں جارہے ہو، پھلے گھور (نیگ) دو؟‘‘ شہزین نے اس کے گلے میں پڑی ہوئی اجرک کا کونا پکڑا۔
اس نے چند سو کے نوٹ دولہا دلہن کے سروں کے اوپر سے گھما کر سہرے گانے والی عورتوں کو تھمائے۔
’’یہاں بھی رکھیں۔‘‘ شہزین نے دولہا دلہن کے بیچ تکےے پر رکھی چاندی کی پلیٹ کی طرف اشارہ کیا۔
’’اچھا، لائوں دینے کے بھی پیسے ہوتے ہیں۔‘‘ اس نے ہنستے ہوئے جیب سے ایک ہزار کا نوٹ پلیٹ میں رکھا۔
’’روپے نہیں ریال نکالو۔‘‘
’’میری جیب میں ایک ریال بھی نہیں۔‘‘
’’ایک ریال نہیں، ایک ہزار ریال۔‘‘
’’پھر تو واقعی نہیں۔‘‘ اس کے ایک دم سے کہنے پر زور کا قہقہہ پڑا تھا۔
واپس مڑتے ہوئے اسٹیج کے کونے پر کھڑی سندھیا کو دیکھ کر وہ اس کے پاس آگیا۔
’’آپ لائوں نہیں دیں گی کیا؟‘‘
’’نہیں، دھکم پیل دیکھ رہے ہیں، ویسے یہ لائوں وغیرہ فضول رسمیں نہیں ہیں؟‘‘ اس نے نورالعارفین کی طرف دیکھے بغیر پوچھا۔
اس نے سندھیا کے چہرے کو بغور دیکھا اور مسکرادیا۔
’’نہیں۔ یہ تو ہماری ثقافت ہے، یہ رسمیں ہمیں سندھ دھرتی نے دی ہےں۔‘‘
’’اچھا، کہا تو یہ جاتا ہے، یہ غیر اسلامی رسمیں ہیں، اس لےے اب شہروں میں کم ہورہی ہیں، البتہ دیہاتوں یا چھوٹے شہروں میں شادی ان رسموں کے بغیر نہیں ہوتی۔‘‘
وہ اب بھی اس کی طرف نہیں دیکھ رہی تھی، اس کی آواز انتہائی دھیمی اور نظریں ابھی تک ایک کے بعد دوسری ہونے والی رسموں پر تھیں۔
’’اسلام کسی بھی ثقافت پر حملہ نہیں کرتا، وہ عقائد تبدیل کرتے ہیں، بے ضرر رسومات نہیں، تب ہی تو برصغیر پاک و ہند میں جتنے بھی صوفیائ کرام آئے، انہوں نے عقائد پر توجہ دی، رسومات پر نہیں، اس لےے کہ وہ یہاں کی ثقافت تھی، تم دیکھ لو، مسلمان ہونے کے بعد بھی یہاں کے لوگوں کے رہن سہن کا طریقہ وہی رہا بلکہ وہاں سے جو اولیائ و صوفیائ آئے، وہ بھی ثقافتی طور پر ان کے رنگ میں رنگ گئے، تب ہی وہ یہاں کی غیر مسلم قوموں کو اپنے قریب کرنے میں کامیاب ہوئے، انہوںنے یہاں کے لوگوں کے دلوں کو نفرت سے نہیں، محبت سے فتح کیا تھا، عربی ثقافت و رسوم سے نہیں، اسلامی عقائد و مساوات سے وہ فاتح قلوب کہلائے۔‘‘
وہ اس کا مدلل جواب سن کر بے ساختہ مسکرا اٹھی۔ ’’آپ تو دس سال سعودی عرب میں رہ کر بھی ذرا نہیں بدلے۔‘‘ پہلی بار اس نے عارفین شاہ کی طرف دلچسپی سے دیکھا۔وہ بے ساختہ ہنس پڑا۔
’’سندھی کہیں بھی چلے جائیں سندھیا شاہ! رہیں گے سندھی ہی۔ ان کے اندر سے وہ تصوف، وہ محبت کبھی ختم نہیں ہوگی، بلکہ سندھ سے دور رہ کر اور بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے، میں نے شاہ کو یہاں صرف دوسروں کی زبانی چند بیتوںمیں سنا، مگر وہاں شاہ جو رسالو پورا پڑھا، یہاں سندھ کی تاریخ پر کتابیں زیرِ مطالعہ رہیں، رچرڈ برٹن لکھتا ہے نا کہ ’’سندھ میں دو باتیں زیادہ توجہ کے لائق ہیں، ایک یہ کہ سندھ نے بہت سارے اولیائ پیدا کےے، دوسری یہ کہ سندھ کے لوگوںمیں تصوف عام ہے۔‘‘ اس کے چہرے پر اپنی دھرتی کے پیار نے ایسے دلکش رنگ بکھیرے تھے کہ وہ دیکھتی رہ گئی۔
ئ ئ ئ ئ
وہ ماروی کو رخصت کر کے جیجی کے کمرے میں آئی تھی۔
’’جیجی تھک گئی ہیں آپ؟‘‘ وہ پائنتی بیٹھ کر ان کی ٹانگیں دبانے لگی۔
جیجی نے اثبات میں سر ہلا دیا، وہ کسی گہری سوچ میں تھیں۔
’’ہاں۔۔۔ اماں۔۔۔ سندھیا!‘‘ کچھ دیر بعد ان کی آواز ابھری اس نے نظریں اٹھا کر انہیں دیکھا۔
’’کبھی بندوں سے محبت نہ کرنا، اگر ہم نے بھی بندوں کے بجائے ربّ سے لو لگائی ہوتی، تو آج ولی ہوتے۔‘‘ جیجی نے بہت گہری سانس لی۔ ان کی آنکھوں میں نمی اتر آئی تھی۔ وہ حیرت سے سن بیٹھی رہ گئی، جیجی نے ایسا کیوں کہا۔
’’کیا کسی سے دل لگانا اپنے اختیار میں ہوتا ہے؟‘‘
اک بہت بڑا سوالیہ نشان اس نے سوچ کے قلم سے عین دل کے بیچ لگایا تھا، جیجی نے کروٹ بدل لی تھی اور وہ اسی کھوئے کھوئے انداز میں اٹھ کر وہاں سے آگئی۔
’’نور العارفین بار بار میری راہ میں کیوں آجاتا ہے؟ میری منگنی ہوچکی ہے، پھر بھی میرا دل۔‘‘
وہ بے آواز رونے لگی، آنسو قطرہ در قطرہ اس کے رخساروں پر یوں بہتے رہے، جیسے کوہستان میں اونٹوں کی قطار۔
اس کی روح کا سفر تو بخار اسے مٹیاری تک کا تھا۔ وہ کیا کرتی، کیسے بھاگتی اس سے، بخار اسے بھکر، روہڑی، بکھر سے اُچ۔۔۔ اُچ سے مٹیاری، اور مٹیاری سے، سن، نواب شاہ، لکی، ہالا، بدین، خیرپور، سکھر، میرپور خاص، ٹھٹھہ اور سندھ کے ہر اک کونے میں سید پھیلتے گئے، مگر یہ سفر تو عشق کاتھا نا! اللہ سے، اس کے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم سے، دین سے، اسلام سے،اور کبھی اس کے بندوں سے۔ عشق تو ہمیشہ ہر جگہ کارفرما رہا ہے، اس کی ذات کے اندر یہ سفر کب سے شروع ہوا، شاید تب سے جب بخار اسے سیّد جلال الدین کبیر، سیدھے بکھر آگئے، اور غیبی اشارے کے تحت سید بدرالدین بکھری کی بیٹی کا رشتہ طلب کیا مگر سیّد بدرالدین نے پردیسی و مسافر ہونے کی وجہ سے سید ہونے کا ثبوت طلب کیا، سید بدرالدین کو مراقبے میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے سید جلال الدین کے سید ہونے کی بشارت کے بعد رشتہ دے کر خاندان میں شامل کر دیا۔
یہ کیسا عشق کا سفر تھا کہ جب مخدوم ساھڑ لنجار دسویں صدی میں، مٹیاری آئے تو پیر لمبے کرکے نہ سوئے کہ یہاں چاروں جانب سیدوں کی حویلیاں ہیں۔
مٹیاری سیدوں کا قلعہ جب اک آری نام کا بندہ مٹ مٹکے راستے پر رکھے، مسافروں کو پانی پلاتا تھا، مٹ، آری، سے مٹیاری ہوگیا۔
اور پھر مٹیاری عشاقوں کا، مشتاقوں کا، مسافروں کا مرکز بن گیا، کیونکہ ہالا جیسا ہیرا اس کے قبضے میں تھا۔ وہ ہالا جس کی اک بھٹ (ٹیلے) کو وہ مقام حاصل ہوا کہ اس کی ریت کو چومنے مشتاق ہندو، سندھ سے عقیدت کے پھول لےے جوق در جوق چلے آتے تھے۔ کیونکہ وہ بھٹ شاہ کی بھٹ تھی۔
شاہ جو شاعروں کا سرتاج شاعر تھا، جس کے بیتوں کے ٹکڑے مصرعے زبان زد عام تھے، جس کے بیتوں کے بغیر گفتگو نامکمل رہتی، وہ شاہ جسے عشق نے شاعر بنا دیا، اور عشق نے اسے خدا سے ملا دیا، سندھ سے بھٹائی اور بھٹائی سے سندھ ہے۔ قلندر شہباز اور شاہ کے ذکر کے سوا، سندھ کا ذکر ادھورا رہے گا، سیہون و بھٹ شاہ پناہ گاہِ عاشقان ہیں۔اور وہ نمانی سندھ کی نمانی سندھیا شاہ تھی، جس کی روح عشق کی مسافر تھی، وہ چاہے جب بھی کہیں بھی، کسی بھی زمانے میں عالم دنیا میں آتی، تب بھی عشق سے مکر نہ پاتی۔
عشق اس کی ذات کا، روح کا حصہ تھا، اس کا دل جو ازل سے مسکن عشق تھا، اور اس کا جسم اس زمین پر پلا جو کہ سر زمینِ عشق تھی، جس کے کونے کونے میں محبت کی کوملتائیں پھیلی ہوئی تھیں، اور شاہ بھٹائی ؒ نے ان کو ملتائوں میں سے چند کو چُن کر اپنی بیتوں کا لباس پہنا کر امر کر دیا تھا۔سندھ کی مٹی میں محبت ایک عجیب فنا کر دینے والی فصل تھی، جو ہر جگہ لہلہا رہی تھی، محبت نے اس زمین کو اپنا ہر روپ سونپا تھا، ہر رنگ دیا تھا، اور اس کے گلی کوچوں میں، کھیتوں کھلیانوں میں، شہروں گوشوں میں، اپنی خوشبو پھیلا دی تھی، اور یہ اتنی بہادر محبتیں تھیں کہ بندوق کی نال، کلہاڑی کا پھل، پھانسی کا پھندہ اور زہر کی پڑیا، ان کا کچھ نہ بگاڑ سکے، یہ فنا نہیں ہوئیں، انہوں نے بہت سوں کو فنا کر دیا۔ محبت کو آج تک کوئی فنانہیں کر سکا۔ یہ سندھ کے ذرّے ذرّے میں موجود تھی، موجود ہے، موجود رہے گی۔
کیونکہ یہ ماروی کی وفا کی سرزمین تھی۔ مومل کے سحر کی، اور سسی کی صعوبتوں کی، اور نوری کی عاجزی و عشق کی مٹی تھی یہ، اس کے خمیر سے شاید ہی کوئی بچ پایا ہو، یا بچ پائے گا، سندھ جس کی مٹی میں عشق گوندھا ہوا تھا، اور جس کی ہر ذرہ محبت سے منور اور عشق سے تاباں تھا، اور سندھیا شاہ نے اس مٹی کا اناج کھایا تھا، اس کے دریا سے پانی پیا تھا۔
ئ ئ ئ ئ
وہ بہت خوش تھا، زندگی میں پہلی بار جو دل میں اتری تھی اور وہ کوئی غیر نہیں اس کی ماموں زاد تھی، اس کے جانے میں اب صرف بیس دن رہ گئے تھے، اور ان بیس دنوں میں اس نے اس کو اپنے نام کروانا تھا۔
’’نور العارفین۔۔۔!‘‘ اماں کی پکار پر وہ اس کے تصور سے باہر نکل آیا۔
’’بیٹا! پھر بتائو، کوئی دل کو پسند آئی؟‘‘ بی بی آمنہ اس کے سامنے بیٹھ گئیں۔
وہ بے ساختہ مسکرایا۔ بی بی آمنہ نے اس کی آنکھوں کی روشنی کو بغور دیکھا تھا۔
’’وہ کون ہے ، کیا نام ہے؟ جس کا خیال آتے ہی میرے بیٹے کے چہرے پر مسکراہٹ آجاتی ہے۔‘‘
’’سندھیا شاہ!‘‘ اس نے سرشاری سے کہا۔
’’بی بی آمنہ کا چہرہ فق ہوگیا۔ ’’مگر۔۔۔ مگر بیٹا! یہ ممکن نہیں ہے۔‘‘
’’کیوں اماں؟‘‘ وہ اضطراب سے کھڑا ہوگیا۔
’’بیٹا! سندھیا میری بھتیجی ہے۔ اگر اس کی منگنی ادا حسن علی کے بیٹے سے نہ ہوئی ہوتی، تو میں خوشی سے اسے تمہارے لےے مانگ لیتی۔ مگر اب یہ ممکن نہیں خاندان میں اور بھی خوب صورت لڑکیاں ہیں۔ ان ہی میں سے جو دل کو بھائے مجھے بتادو۔‘‘
’’اماں! یہی تو دکھ ہے، کہ دل ہی اپنا نہیں رہا۔‘‘ وہ کرب سے بولا۔
اور بی بی آمنہ کے بدن سے جیسے جان نکلتی جارہی تھی، ان کا بیٹا یہ کیا روگ لگا بیٹھا تھا، اور انہیں خبر ہی نہ ہوئی۔
’’سندھیا نے مجھے کیوں نہیں بتایا، نورالعارفین کو ملال نے آگھیرا، بتا بھی دیتی تو کیا میرا دل قابو میں آجاتا، اور وہ بھلا مجھے کیسے بتاتی، اس نے تو مجھے کوئی آس ایسی نہیں بندھائی، میرے اتنی بار اظہارِ محبت کے باوجود، اس نے ابھی تک مجھ سے کوئی جوابی اظہار نہیں کیا ہے شاید یہی بات تھی، جس کو میں اس کی جھجک سمجھ رہا تھا، کیا محبت کے مسافروں کا واپس پلٹنا ممکن ہے؟‘‘ اس نے بہت دقّت سے پیچھے پلٹ کر دیکھا۔
واپسی کا ہر راستہ بند تھا، فرار کی ہر راہ مسدود تھی، اور آگے کے ہر راستے پر صرف وہ کھڑی تھی۔
اور یہ بے اختیاری ہی تھی کہ رات ہونے تک وہ شدید بخار میں پھنک رہا تھا، اور بی بی آمنہ کا چین و سکون غارت ہوگیا تھا، وہ ساری رات بیٹے کے سرہانے بیٹھی تسبیح پڑھتی رہیں، دعائیں درود پڑھ کر اس پہ دم کرتی رہیں، زین العابدین بار بار آکر اس کا بخار چیک کرتا رہا۔
وہ بار بار کہتا۔ ’’اماں! ادا نے بہت جفاکشی کی ہے۔ بہت زیادہ بھاگ دوڑ کی تھکاوٹ کی وجہ سے اسے بخار آگیا ہے۔‘‘
اور بی بی آمنہ خاموش ہوجاتیں، جو بات وہ ابھی گھر میں نہیں بتا پارہی تھیں، وہ کیسے کہہ سکیں گی، اعجاز نبی شاہ سے، جیجی سے، بھابھی عطیہ سے۔ وہ کس مشکل میں آپڑی تھیں، اک طرف لختِ جگر کا معاملہ تھا، دوسری طرف خاندان کے بکھرنے کا ڈر تھا، ادا حسن علی کیا سوچے گا کہ میری بہن نے ذرا خیال نہ کیا، میرے بیٹے کی منگ کو اپنے بیٹے کے لےے مانگ لیا، ماضی قریب میں کوئی ایسی مثال خاندان میں نہیں ملتی۔ وہ دامن جس میں ساری عمر نیک نامی سمیٹی تھی، وہ خاندان میں، حلقۂ احباب میں سب کی حال بھایانی (حال سے واقف، دکھ سکھ سننے والی) تھیں، اور اب اس عمر میں آکرکون سی رسوائیاں ہونے والی تھیں۔
دوسری طرف نورالعارفین تھا، جو شروع سے نہایت ذمہ دار اور گھر والوں کے چھپر چھائوں بنا رہا، دھرتی سے دور سخت محنت کرتا رہا، اپنی ساری ذمہ داریوں کو بخوبی نبھایا تھا، اس نے زندگی میں ایک خواہش کا اظہار کیا تھا، وہ کیسے اس کی وہ خواہش رد کر دیتیں، انہوں نے نورالعارفین کی پیشانی چومی، اور فجر کی اذان سن کر اٹھ گئیں۔
نماز و ورد سے فارغ ہو کر وہ پھر اس کے کمرے میں آئی تھیں، اس وقت زین اور شہزین بیٹھے ہوئے تھے۔ نورالعارفین سو رہا تھا۔ اسے دیکھ کر اطمینان ہوا۔
’’بخار کم ہے اب؟‘‘ زین نے بتایا۔
’’اللہ کا شکر ہے، تم لوگ بیٹھے ہوئے ہو نا؟‘‘
’’ہاں اماں! آپ فکر ہی نہ کریں۔ ہم بیٹھے ہیں۔‘‘ شہزین نے انہیں دلاسا دیا۔
’’اچھا۔ میں ذرا جیجی کے ہاں سے ہو کر آتی ہوں، تم لوگ اس کو اکیلا نہ چھوڑنا۔‘‘ وہ انہیں تاکید کر کے سیدھی جیجی کے کمرے میں آگئیں۔
’’ادی! تم اتنی صبح! سب خیریت ہے نا؟‘‘ جیجی نے قرآن کے اندر جزدان کا کونا بطور نشانی رکھ کر قرآن بند کرتے ہوئے پوچھا۔
’’ہاں جیجی! سب خیر ہے۔‘‘
جیجی نے نزدیک کا چشمہ اتار کر دور کا لگایا۔
’’کچھ پریشان ہو ادی آمنہ! کیا بات ہے؟‘‘
’’جیجی! وہ میرا نورالعارفین۔۔۔‘‘ ان کا گلا رندھ گیا۔
’’کیا ہوا اسے؟‘‘
’’جیجی!‘‘انہوں نے دوپٹے سے آنسو پونچھے۔ ’’اسے روگ لگ گیا ہے۔‘‘ انہوں نے بڑی دقّت سے کہا۔
جیجی کی سانس جیسے رک سی گئی تھی، کیا سندھیا اور نورالعارفین۔۔۔ یا اللہ! یہ۔۔۔ یہ۔۔۔ اف سندھیا کا رویا رویا سا چہرہ، کھویا کھویا انداز سب ان کے سامنے آگئے۔
’’جیجی۔۔۔ جیجی! میں ادا حسن علی کو کیا منہ دکھائوں گی، اور بھلا بھا اعجاز نبی کیسے مانے گا، اور نورالعارفین ہے کہ جب سے پتا چلا ہے، بخار میں تپ رہا ہے، پتا نہیں یہ تپ ہے یا تڑپ ہے جیجی؟‘‘ انہوںنے اک بہت گہری سانس لی تھی۔
’’جیجی! میں کیا کروں اب؟ یہ بات سوچتی ہوں تو دل پریشان ہوجاتا ہے۔‘‘
جیجی خاموشی سے آنکھیں بند کر کے تسبیح پڑھتی رہیں، سکوت کے بہت سارے لمحے بیت جانے کے بعد وہ خود کلامی کے انداز میں گویا ہوئیں۔
’’سب چھوڑ دے ربّ کی مرضی پر جو لکھا ہوگا، وہی ہوگا، ہم تم سب اس کی مرضی کے آگے بے بس ہیں، فی الحال بات کو پھیلائو نہیں، حسن علی نے تمہارے بیٹے کی خوشی کو پورے طریقے سے نبھایا ہے، شادی کے انتظامات میں مصروف رہا۔ ابھی سے یہ بات کرو گی تو کیا گزرے گی اس کے دل پہ۔‘‘
’’ہاں جیجی! میں بھی یہی سوچ رہی ہوں۔‘‘ وہ اٹھتے ہوئے بولیں۔ ’’آپ سے بات کر کے دل کا بوجھ ہلکا ہوگیا جیجی!‘‘
’’اللہ بہتر کرے گا۔ اک بندے کے من میں، دوجی اللہ کے۔‘‘ انہوں نے چھوٹی بہن کو دلاسا دیا، ان کے جانے کے بعد وہ آہستہ آہستہ قدم اٹھاتی برآمدے میں آئیں۔ سندھیا ان کے تخت پر نیم دراز تھی، انہیں دیکھ کر اٹھ کر بیٹھ گئی۔
’’آئےے آئےے جیجی! آج ناشتا اکھٹے کرتے ہیں۔‘‘
’’آج ناشتے کا خیال کیسے آگیا؟ تم نے پڑھائی چھوڑی تو ناشتا بھی چھوڑ دیا تھا۔‘‘
’’بس جیجی! آج بھوک لگی تھی، سو امینہ کو کہا کہ ناشتا بنا دے۔‘‘ وہ غور سے اپنے ہاتھوں کو دیکھنے لگی رات بھی اسے نیند نہیں آئی تھی۔ بے نام سی اداسی تھی، جو اس کے دل و دماغ پر چھائی ہوئی تھی وہ عجیب کیفیات میں گھر چکی تھی، عجیب دوراہے پر تقدیر نے اسے لاکھڑا کردیا تھا۔ سالوں کے بعد تابع دار دل اپنی مرضی چلا رہا تھا، اور آگے پتا نہیں تقدیر میں کیا لکھا تھا، رات کھانا نہیں کھایا تھا، صبح اسے بھوک محسوس ہوئی تھی۔ تب ہی اس نے ملازمہ کو ناشتے کا کہا تھا، ورنہ وہ صرف چائے لیتی تھی۔
امینہ نے ٹرے اس کے سامنے رکھی، اس نے پراٹھے کا پہلا نوالہ لیا۔
’’آمنہ آئی تھی۔‘‘ جیجی نے دھیمے لہجے میں کہا، اس نے سر اٹھا کر جیجی کو دیکھا، ان کا انداز کچھ بدلا بدلا سا تھا۔
’’کہہ رہی تھی، نورالعارفین کو بہت تیز بخار ہے۔‘‘ نوالہ اس کے حلق میںپھندا بن کر اٹک گیا تھا، اس نے بڑی دقّت سے اسے نگلا تھا۔
’’تم اپنی ماں کو کہنا کہ جا کر اس کی طبیعت پوچھ آئے، مجھے تو اس جوڑوں کے درد نے کہیں آنے جانے کے قابل نہیں چھوڑا۔‘‘
نوالہ اس کے سینے میں پھنسا ہوا تھا۔ وہ منہ پر ہاتھ رکھ کر کھانسنے لگی۔
’’کیا۔۔۔ کیا میں ساری رات اس لےے بے چین رہی کہ وہ بیمار تھا، یہ کیسا جذبہ ہے محبت، اس کی آنکھیں، یہ سوچ کر ہی نم ہوگئیں، اچانک اس کی بھوک اڑ گئی۔ وہ سرجھکائے کتنی ہی دیر اپنی سوچوں میں گم رہی۔
’’سندھیا۔۔۔! اماں! چائے ٹھنڈی ہوگئی۔‘‘
اس نے نم آنکھوں سے جیجی کے دھندلے عکس کو دیکھا، اور اپنے کمرے میں چلی گئی۔
جیجی نے بڑے دکھ سے اسے جاتے ہوئے دیکھا اور انہیں یقین ہوگیا یہ جذبہ یک طرفہ نہیں دو طرفہ ہے۔
’’دیکھا جیجی ! مجھے باورچی خانے میں آکر پوچھا، فریج میں قیمہ ہے، میں نے کہا ہاں پڑا ہوا ہے، کہا۔ مجھے سخت بھوک لگی ہے، جلدی سے قیمے والا پراٹھا بنا کر لائو، میں نے سارے کام ادھورے چھوڑ کر اس کے لےے ناشتا بنایا، اور اب دیکھو ایک نوالہ لیا اور سارا پراٹھا جوں کا توں پڑا ہے۔‘‘ امینہ برتن سمیٹتے بڑبڑاتی رہی۔
اور جیجی نے اس کے کمرے کے بند دروازے کو دیکھا، یقینا اب بیٹھی رو رہی ہوگی، یا اللہ! تُو ہم سب پر رحم کر۔
ڈھکیں ڈھکن ہار، ڈیئی پاند پناہ جو۔
(اے عیب پوشی کرنے والے! اپنی پناہ کے پلوسے ڈھانپنا۔)
شاہ لطیف کے بیت کو دہرایا اور آنکھیں بند کرلیں، تسبیح کے دانے ان کے ان دیکھے آنسوئوں کی طرح گرتے رہے۔
ئ ئ ئ ئ
گھر کے سارے افراد نور العارفین کی خواہش کی تائید کرنے لگے تھے۔ سب نے بی بی آمنہ کو مجبور کر دیا تھا کہ وہ ماما اعجاز نبی شاہ سے رشتہ مانگنے جائیں، کتنے دنوں تک وہ چپ رہیں، جیجی کو جا کر بتایا تو وہ بھی چپ رہ گئی تھیں، نورالعارفین کے جانے میں اب صرف تین دن رہ گئے تھے، اور گھر میں اصرار بڑھتا جارہا تھا، خود نورالعارفین کی پریشانی ان سے دیکھی نہیں جاتی تھی۔
’’مانگ کے دیکھ لو، اللہ بہتر کرے گا۔‘‘
’’تو پھر شام کو آئیں ہم۔‘‘
’’آجائو۔‘‘ جیجی نے اک گہری سانس لی۔‘‘ عارفین کو کہو، مجھ سے مل جائے، پتا نہیں پھر حالات کیسے ہوں؟‘‘
’’جی بہتر، میں بھیجتی ہوں اسے۔‘‘
اس نے پھوپھو جان کوجیجی کے کمرے سے باہر نکلتے دیکھ لیا تھا۔ وہ بے چینی سے جیجی کے کمرے میں داخل ہوئی۔
’’جیجی۔۔۔!‘‘ آگے اس نے ایک لفظ نہیں بولا تھا، جیجی نے اس کی نم آنکھوں، ہراساں وجود کو دیکھا اور اپنی گود پھیلا دی، اس نے جیجی کی کمر میں بازو حمائل کر کے گھٹنے پر سر رکھ دیا۔
جیجی اس کی اَن کہی باتیں سمجھ جاتی تھیں، اور اس کے سارے بے آواز آنسو اپنے پوروں پر چن لیتی تھیں، اس وقت بھی وہ اپنے آنسو جیجی کی گود کو سونپ رہی تھی۔
جیجی کا دامن سب کے دکھ سمیٹنے میں بہت وسیع تھا، انہیں بے کہے دکھ، اَن کہی باتیں، اور پوشیدہ بکھری محبتیں، سنبھالنے، سمجھنے، کا ہنر آتا تھا، ان کی آنکھیں چشمے کے پیچھے سے چمکتی رہتیں اور گلابی پنکھڑیوں جیسے لب ہمہ وقت مسکراتے رہتے۔ انہیں دکھ میں مسکرانا آتا تھا۔ وہ سوچتی جیجی کیسے مسکراتی ہیں، مگر اب اسے پتا چلا تھا کہ جیجی کو محبت کی طاقت ہر غم سہنے کا حوصلہ عطا کرتی ہے، محبت کی طاقت کا اندازہ اسے اب ہوا تھا، اور جیجی کی طاقت کو اس نے اب جانا تھا، ان کی باتیں موتیوں کی مانند ہوتیں، جو بیٹھتا بیٹھا ہی رہ جاتا، شاہ کے بیتوں کے ٹکڑے ان کی بات چیت کا حصہ ہوتے، ان کی آنکھیں مدینہ کے ذکر پر نم ہوجاتیں، ان کی رگ رگ سے محبت کے سوتے پھوٹ پڑتے، وہ تلقین کرتیں کہ محبت اللہ اور اللہ کے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم سے کی جانی چاہےے اور جب اللہ اور اللہ کے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر آتا تو وہ مضبوط طاقت ور بوڑھی جیجی کمزور پڑجاتیں، ان کے رخساروں پر اللہ اور اس کے حبیب صلی اللہ علیہ کی یاد میں بہنے والے آب زم زم جیسے میزان عدل پہ بھاری اور گناہوں کو دھو ڈالنے والے اور فرشتوں پر کپکی طاری کرنے والے آنسوئوں کی قطار چشمِ عشق سے نمودار ہوتی۔
یہ منظر وہ بچپن سے دیکھتی آئی تھی، تب وہ سوچتی۔ جیجی ایک دم اچھی بھلی بیٹھی ہوئی ہنس رہی ہوتیں اور مدینے مکے کا ذکر آتا، جیجی آبدیدہ ہوتیں پھر رونے لگتیں۔ عشقِ حبیب صلی اللہ علیہ وسلم میں پھولوں جیسے لفظ ان کے لبوں سے جھڑنے لگتے اور فضا کو معطر کر دیتے۔
اسے جیجی کا ایک دم رونا، عشق کی چوٹ لگنے تک سمجھ میں نہیں آیا تھا، اسے اب پتا چلا تھا کہ محبت خیال اور نم آنکھوں کا آپس میں کتنا گہرا اور انوکھا رشتہ جڑا ہوا ہے۔
جیجی کا نرم و گداز جھریوں بھرا ہاتھ اس کے بالوں کو سنوارنے لگا، اس کے دل کا بوجھ ہلکا ہوچکا تھا، اس نے سر اٹھا کر جیجی کو دیکھا پھر اس کی نظر کھڑے ہوئے عارفین پر پڑی۔ وہ ایک دم اٹھ کر پلنگ کے کونے پر سمٹ کر بیٹھ گئی، اس کی خالی کی ہوئی جگہ پر نورالعارفین بیٹھ گیا تھا۔
جیجی نے پیار سے اس کی پیشانی چومی اور اس کی پشت سہلانے لگیں۔
’’مدینے جا میر، سن مہنجا سڈڑا سرن تنہجےسیر، عاصی تنہنجے آسرے۔‘‘( مدینے کے میر میری پکار سنو، رحمت اللعالمین تمہاری رحمت کے آسرے پر ہی یہ گناہ گار تیر کر دریا پار کریں گے، ہم عاصی و گناہ گاروں کو تیری رحمت کا ہی آسرا ہے۔)
جیجی تشریح کرتی جاتیں اور شاہ سائیں کے بیت پڑھتی جاتیں، مدینہ کے شاہ مدینہ کے میر۔۔۔ مدینہ کے دولہا۔۔۔ مدینہ کے جام۔۔۔
’’مدینہ کے مسافر! مدینے جاکر پریں (محبوب) کو سلام پیش کرنا میری طرف سے۔‘‘
وہ پشت پر ہاتھ پھیر کر اسے پیغام دیتی رہیں، اور نورالعارفین کی سلامتی کی دعائیں بھی مانگتی رہیں، وہ ادب سے جھک کر بار بار ان کا ہاتھ چوم لیتا۔
وہ پلنگ کے کونے پر سر گھٹنوں پر ٹکائے بیٹھی تھی اور نورالعارفین کی نظریں بار بار اس کی طرف اٹھ رہی تھیں، وہ اسے دیکھ رہا تھا، اور وہ نظریں جھکائے اسے محسوس کر رہی تھی، عورت اور مرد میں یہی فرق ہے، مرد دیکھتا ہے، عورت محسوس کرتی ہے۔
’’کس وقت جارہے ہو؟‘‘‘
’’جیجی! پرسوں رات کو۔‘‘
سندھیا شاہ کی آنکھیں بھیگ گئیں، اس نے سر گھٹنوں پر ٹکا دیا۔
’’اچھا جیجی! چلتا ہوں۔‘‘ لمبی خاموشی کے بعد اس نے سوچا، اس کا زیادہ بیٹھنا مناسب نہیں جبکہ سندھیا بھی وہاں بیٹھی ہوئی تھی، جیجی نے گلے لگا کر اس کو بے شمار دعائیں دیں، اس نے اک الوداعی نگاہ سندھیا پر ڈالی، اور سر جھکا کر تھکے تھکے قدموں سے باہر نکل گیا۔
سندھیا نے آنسو بھری آنکھوں سے جیجی کو دیکھا اور جیجی کی سب کو سمیٹنے والی سندھ دھرتی جیسی گود نے اس کو سمیٹ لیا تھا۔
ئ ئ ئ ئ
’’ادی آمنہ! آپ نے تو مجھے حیرت میں ڈال دیا ہے، یہ بات کہہ کر۔‘‘ اعجاز نبی شاہ نے نرمی سے کہا۔
بی بی آمنہ کی نظریں مدعا سنانے کے بعد جھک گئی تھیں۔
’’ادا! اولاد مجبور کر دیتا ہے۔‘‘ انہوںنے دبی دبی آواز میں کہا۔
’’اولاد کہے گا، پھانسی پر چڑھ جائو یا کنویں میں کود جائو تو نہ پھانسی پر چڑھیں گے نہ کنویں میں کودیں گے، آپ کو اچھی طرح اندازہ ہے کہ میں نے آپ کی بات مان لی تو حسن علی زندہ ہوتے ہوئے بھی ہمارے لےے مرجائے گا، یا ہم اس کے لےے مرجائیں گے، ہم خوشی غمی میں ایک دوسرے سے الگ ہوجائیں گے۔‘‘
’’جی ادا!‘‘ انہوں نے بھیگی آنکھیں دوپٹے کے پلو سے صاف کیں۔
’’کیا آپ چاہتی ہیں کہ حسن علی کے ساتھ ہم اتنی بڑی نا انصافی کریں؟‘‘ اعجاز نبی نے غصے سے انہیں دیکھا۔
’’نہیں ادا! ایسا تو میں نے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا۔‘‘
’’تو پھر حقیقت میں رشتہ مانگنے کیوں آئی ہو؟‘‘ اعجاز نبی شاہ کا لہجہ طنزیہ، استہزائیہ ہوگیا۔
’’ادا! مجھے کیا پتا تھا کہ سندھیا نورالعارفین کو پسند آجائے گی، اگر پتا ہوتا تو چھ سال پہلے ہی مانگ لیتی آپ سے۔‘‘
’’دیکھو ادی آمنہ! ٹھنڈے دل و دماغ سے سوچو، یہ ہم میں سے کسی کے بھی حق میں نہیں ہے، ہم سب جو ایک لڑی میں پروئے ہوئے ہیں، بکھر جائیں گے، لوگوں کی لعن طعن الگ سہنی پڑے گی، اب یہ نہیں ہوسکتا، ہاں اگر سندھیا کی منگنی مرتضیٰ سے نہ ہوئی ہوتی تو میں بخوشی نورالعارفین کا رشتہ قبول کرتا، نورالعارفین مجھے بھی عزیز ہے، آپ کی اولاد میری اولادہے ادی! مگر یہ بات آپ اب زبان سے بھی نہ نکالنا، خوامخواہ کی جگ ہنسائی گلے پڑے گی، نورالعارفین کو بھی سمجھا دینا، ہمارے خاندان میں منگنیاں توڑ کر دوسری جگہ رشتے نہیں دےے جاتے۔‘‘
بی بی آمنہ نے امداد طلب نظروں سے جیجی کو دیکھا، وہ ساری باتیں سن رہی تھیں، اور ابھی تک غیر جانب دار تھیں۔
’’ہونی کو کوئی نہیں روک سکتا جو نصیب میں ہے، وہ تو ہوگا ہی۔‘‘ جیجی نے تبصرہ کر کے اپنی توجہ تسبیح پر مرکوز کر دی۔ ان کی تسبیح کے دانے ان کی نرم گلابی انگلیوں کو پھلانگتے رہے۔ ان کے چہرے پر کوئی بھی تاثر واضح نہیں تھا۔
’’ادی! آپ میری بہن ہو، میرا گھر تمہارا گھر ہے، سو بار آئو، مگر اس سلسلے میں میرے پاس آج کے بعد نہ آنا۔‘‘ اعجاز نبی شاہ نے اٹھ کر ان کے سر پر ہاتھ رکھ کر رسانیت سے کہا، اور حویلی سے باہر نکل گئے۔
وہ ناامید واپس لوٹیں تو ان کا اترا ہوا منہ دیکھ کر ہی سب کو اندازہ ہوگیا کہ جواب کیا ہے۔ یہ جواب ان کی توقع کے خلاف نہیں تھا۔
دونوں گھرانوں کے بیچ عجیب تنائو سا آگیا تھا، وہ واپس لوٹا تھا۔ آنکھوں میں سپنے سجائے، دل میں اس کو بٹھائے، ایئرپورٹ پر اس کے ساتھ سب کی آنکھیں بھیگی ہوئی تھیں۔
ئ ئ ئ ئ
’’سر! ہمارا کام ان کی سپورٹ کرنا ہے، جیل بھجوانا نہیں، آپ پولیس کو منع کریں ان کی گرفتاری سے۔‘‘ ماروی ،مینیجر کی ٹیبل کی دوسری جانب کھڑی احتجاج کر رہی تھی۔
’’آپ بیٹھ جائیں، مس ماروی۔‘‘
وہ خاموشی سے چیئر کھینچ کر بیٹھ گئی۔
’’دیکھیں مس ماروی! یہ رقم تین ماہ پہلے اسے واپس کرنا تھی، مگر اس نے نہیں کی، اب اس کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ یہ رقم ہم پولیس کے ذریعے وصول کریں۔‘‘ ریجنل مینیجر نے حتمی انداز میں کہا۔
’’مگر سر! اس شخص نے پہلے دس ہزار کا قرضہ لیا، واپس کیا، دوسرے سال بیس ہزار لیا، واپس کیا، اب جو تیس ہزار لیا تھا، اس سے اس نے بھینس خریدی، اب یہ نصیب کی بات کہ منہ کھر کی بیماری کی وجہ سے اس کی بھینس مر گئی، اس کا پہلا ریکارڈ اس فائل میں کلیئر ہے، اب ہمیں اس کو رعایت دینا چاہےے۔‘‘ ماروی نے فائل ان کے سامنے رکھی۔
مینیجر نے اک اچٹتی نگاہ اس فائل پر ڈالی۔
’’آپ کیا چاہتی ہیں؟‘‘
’’میں چاہتی ہوں کہ ہم اس کو مہلت دیں، اور مزید قرضہ بھی دیں، تاکہ اس سے وہ کوئی چھوٹا موٹا کاروبار یا ریڑھی لگالے، یا دکان، اور اس قرضے کی قسط کے ساتھ آدھی قسط پچھلے قرضے کی بھی ادا کرتا رہے۔‘‘
’’یعنی آپ کا مطلب ہے، تیس ہزار پہلے ہی وہ کھائے بیٹھا ہے، اوپر سے مزید تیس ہزار ہم اس کو دے دیں، آپ کی تجویز ناقابل قبول ہے۔‘‘
’’سر! اس غریب نے پیسے کھائے نہیں، ان پیسوں سے اس نے بھینس لی، وہ مر گئی تو یہ نصیب کی بات ہے، اگر آپ اس کو اور قرضہ دینے پر راضی نہیں تو ایک سال کی چھوٹ دے دیں۔‘‘
وہ انکار میں سر ہلانے لگا۔
’’سر! یہ تنظیمیں ان کی مدد کے لےے بنائی گئی ہیں۔ ہم ان کی مشکلات میں کمی کے بجائے اضافہ کر رہے ہیں۔‘‘
’’این جی اوز ان کی سپورٹ کے لےے بنائی گئی ہیں مگر پیسے ڈبونے کے لےے نہیں، جو بھی رقم واپس نہیں کرے گا، اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔‘‘
’’سر! یہ ظلم ہے ان غریبوں کے ساتھ، دھوکا ہے جو ہم انہیں خوش حالی کے خواب دکھا کر دے رہے ہیں۔‘‘
’’مس ماروی! اگر آپ کو ان کا اتنا ہی خیال ہے آپ رقم دے کر ان کی جان کیوں نہیں آزاد کروادیتیں؟‘‘
’’سر! مجھے ایسا کرنا پڑا تو میں ضرور کروں گی، آپ اس ماہ میری آدھی سیلری کاٹ لیں، مگر بابا اللہ بچایو کو پولیس کے حوالے نہ کریں۔‘‘
’’چلیں دس ہزار آپ نے دےے، بقیہ بیس ہزار کون دے گا۔‘‘
’’اس کا بھی بندوبست کرلیں گے۔‘‘
’’جب تک بندوبست کریں، تب تک پولیس کی ایک مار اللہ بچایو کے لےے ضروری ہے۔ اس کو سزا نہ دی تو ساری تنظیموں کے لوگ پیسے ضبط کرنے کے چکر چلائیں گے۔‘‘
’’سر! یہ ظلم ہے، میں اس ظلم میں آپ کا ساتھ نہیں دے سکتی۔‘‘ وہ اٹھ گئی۔
اپنے آفس میں آکر بیگ اٹھایا، بدین سے ویگن پکڑی، حیدرآباد پہنچ کر بدین اسٹاپ پر اتر کر رکشا لیا، اور دن کے تین بجے گھر پہنچ گئی۔
’’بیٹا! آج اتنی جلدی آگئیں، خیریت ہے، طبیعت ٹھیک ہے۔‘‘
’’ہاں نانی! ٹھیک ہوں۔‘‘ فریج سے پانی کی بوتل نکال کر وہ ان کے پاس آگئی، اور آفس میں ہونے والی کارروائی کے بارے میں بتانے لگی۔
’’بیٹا! تمہیں یہاں آنے کے بجائے اس غریب کی مدد کے لےے تھانے جانا چاہےے تھا۔‘‘
’’نانی! میں کیا کر سکتی تھی۔ تھانے جا کر؟‘‘
’’پھر بھی سفارش تو کر دیتیں شاید وہ مار سے بچ جاتا۔‘‘
’’ہاں نانی! یہ تو مجھے خیال ہی نہیں آیا تھا۔‘‘ اس نے افسوس سے کہا۔
’’گل سے بات کر کے دیکھو، ہوسکتا ہے، وہ کچھ کر سکے۔‘‘
’’واہ نانی! آپ ہمیشہ وقت پر اور صحیح مشورے دیتی ہیں۔‘‘ اس نے فون اٹھالیا۔
’’ہیلو، گل!‘‘
’’وعلیکم ہیلو۔‘‘ اس نے اسی بشاشت سے جواب دیا جو اس کی ذات کا خاصا تھی۔
’’کہاں ہو؟‘‘
’’کراچی!‘‘
’’مجھے پتا تھا ، گھر پہ نہیں ملو گی، تب ہی موبائل پر کال کی، سنو تمہاری سخت ضرورت ہے مجھے۔‘‘
’’اللہ خیر کرے، میری ضرورت کیوں پڑ گئی؟‘‘ وہ ہنس کر بولی۔ ماروی نے اسے آج کی کارروائی کے بارے میں بتایا۔
’’میں آتی ہوں، پھر بیٹھ کر اس کا کوئی حل نکالتے ہیں۔‘‘
فون بند کر کے اس نے تکیہ درست کیا، اور لیٹ گئی۔
’’کھانا کھالو بیٹا!‘‘
’’نہیں نانی! بھوک نہیں ہے۔‘‘ بدین کا سارا راستہ وہ کڑھتی آئی تھی، اب گل سے بات کرکے مطمئن ہوگئی تھی، وہ کوئی نہ کوئی حل نکال ہی لیتی۔
ئ ئ ئ ئ
رات بہت کٹھن تھی، بہت اداس، بے حد غمگین۔ نیند اس کی آنکھوں سے آج بھی روٹھی ہوئی تھی، اس کے کتنے آنسو تکےے میں دفن ہوئے تھے۔
اچانک اسے گھٹن کا احساس ہوا اے سی، چلنے کے باوجود۔ وہ کمرے سے باہر نکل آئی، سارے گھر کی بتیاں بند تھیں، وہ برآمدے سے ٹٹولتے صحن میں آئی، ہلکی سی چاندنی پھیلی ہوئی تھی۔
آسمان کے آنچل پر جا بجا ستارے جھلملا رہے تھے، ان کے بیچ ادھورا چاند اسی کی طرح اداس ماٹھا، اور ہجر زدہ سا سر نہوڑائے تصور محبوب میں گم صم کھڑا تھا، وہ چبوترے پر بیٹھ گئی، آم کی گھنی اور املی کی اونچی شاخیں جھول رہی تھیں۔ گیٹ پر ایستادہ بیری کے درخت کے پیچھے سے بید کے لمبے درخت ماحول کو عجیب پراسرار بنا رہے تھے۔
بچپن میں اسی بیری، آم اور املی کے درختوں سے اپنی ا پنی مد (موسم) آنے پر وہ کیریاں، املی اور بیر تڑوا کر بڑے شوق سے کھاتی تھی، اس کے ساتھ شہزین ہوتی، اور وہ دونوں مل کر نورالعارفین کی منتیں کرتیں، وہ موڈ میں ہوتا تو مان جاتا، ورنہ ڈانٹ کر بھگا دیتا۔
وہ نورالعارفین کی منتظر رہتیں، وہ جیجی کے پاس آکر بیٹھتا، تو وہ جیجی کے کان میں شروع ہوجاتیں، جیجی چپکے چپکے مسکائے جاتیں۔ نورالعارفین ہاتھ کی انگلی اور سر انکار میں ہلاکر کہتا۔
’’نہیں جیجی نہیں، ان کی سفارش نہیں کرنی۔‘‘
جیجی مسکرا کر بے چارگی سے ان کو دیکھتیں تو وہ بسورنے لگتیں، جیجی ہنس پڑتیں اور نورالعارفین سے کہتیں۔
’’اٹھو بابا!کیریاں توڑ کے دو۔ یہ بھلا کس کو کہیں۔ انوار نبی تو انہیں درختوں پر چڑھنے کی صورت میں ہر وقت ٹانگیں توڑنے کی دھمکیاں دیتا رہتا ہے۔‘‘
وہ جیجی کی پرزور سفارش پر درخت پر چڑھ کر کیریاں توڑ کر پھینکتا جب نیچے اترتا تو دونوں کے سروں پر ایک ایک چپت ضرور رسید کرتا۔
نورالعارفین، اس کے لہو کی گردش میں یہ نام دوڑنے لگا۔ کتنے دن ہوگئے، نہ خط، نہ خبر، نہ فون پہ تو جیسے پہرے لگے ہوئے تھے، وہ کسی بھی دوست سے بات کرتی تو کون تھی؟ کیوں کیا؟ جیسے سوالات کے جواب دیتے دیتے تھک جاتی، آپا کی جب سے دوسری امی کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی تھی، اس نے آنا ہی چھوڑ دیا تھا۔ صرف شہزین ہی تو تھی جو اسے خیر خبر بتا دیا کرتی۔ وہ بھی بہت دن ہوئے میکے آئی ہی نہیں تھی، اور پھوپھو جان تو ظاہر ہے اس کے سامنے ایسی کوئی بات ہی نہیں کرتی تھیں۔ بس جیجی کی خاطر آجاتیں، اسے دیکھ کر ہمیشہ کی طرح پیشانی چوم کر پیار کرتیں، زیادہ دیر تک بیٹھنے سے گریزاں، پھوپھو جان کو پہلے کی طرح اس گھر میں خوش آمدید نہیں کہا جاتا۔ بچپن اور محبت کی کئی خوش گواریادیں اس کے گرد محور رقص تھیں۔
محبت۔۔۔ اس نے آنکھیں موند کر اس چار حرفی لفظ کو محسوس کیا اور لمبی سانس لے کر اس چار حرفی لفظ کی ساری حلاوٹیں بدن کے ریشے ریشے میں گھول دیں۔ محبت کی کوئی توجیہہ نہیں، اس کے آگے کیوں، کیسے کا ہر سوال بے کار ہے۔
بھٹ شاہ کی کراڑ ڈھنڈھ (جھیل) سے آنے والی شاہ کے سر سارنگ جیسی مدھر ہوائیں اس کے وجود کے بوسے لیتی رہیں۔ کراڑ کنارے شاہ سائیں کے سائے میں مدفون شیخ ایاز کا کلام،صادق فقیر کی صحرائے تھر کا گداز لےے درد یلی آواز میں اس کی سماعتوں میں تازہ ہوگیا۔
سکھی پیاکھے ملیں تہ چئجاں چاندنی تو سوا نہ تھندی
اچیں نہ منہنجی اماس میں آئو، چھو تہ بی رات کانہ ایندی
(سکھی! پیا سے ملو تو کہنا چاندنی تیرے بن نہیں ہوگی آنا ہے تو میری اماوس میں آئو، کیونکہ کوئی اور دوسری رات نہیں آئے گی۔)
ہجر سیاہ اماوس جیسا اس کے گرد منڈلارہا تھا، اور پیا کی یاد اس کے دل کو دِلاسے دے رہی تھی۔
صادق فقیر کا بے صوت لحن اس کے اندر سے نمودار ہو کر اس کی ذات کو گھیرے ہوئے تھا۔
کڈھن بہ توتے دوار دل جا نہ
بوٹبا توں بھلے ھلی آ
بہ لڑک آلا کڈھن بہ ہوندا
متاں چئیں آجیاں نہ تھیندی
(کبھی بھی تم پر دروازۂ دل بند نہ ہوں گے، تم بھلے چلے آئو’’خوش آمدید‘‘ کہنے، دو بھیگے ہوئے آنسو ہمہ وقت ہوں، کہیں یہ نہ کہو کہ آجیاں نہیں ہوئی)
شیخ ایاز کی غزل کا حسن و جمال اس کے دل میں بیٹھی یاد کو گھیرے ہوئے تھا۔
نہ دیپ دوہاں ٹجے کڈھیں ہی
لِلاٹ جی لاٹ شال جرکے
پرھ پرے آپتو نہ آہے
نہ رات کیسیں ڈھاگ ڈیندی
(دیپ میں کبھی بھی دھواں نہ بھرے مقدر کی لاٹ ’’شعاع‘‘ چمکتی رہے سحر دور ہے، خبر نہیں ہے کہ رات کب تک ابھاگ دے گی)
امید و بیہم کی جان کنی میں بھی وہ محوِ دعا تھی۔
پرارے کا پکار آہے
مگر اگیاں تکھ تار آہے
کتھے اساں جی اکار آہے
ایاز، کیڈا نہہ نائو نیندی۔
(اس پار کوئی پکار رہا ہے، مگر میرے آگے تیز دھار پانی ہے، میرا پہنچنا کہاں ہے؟ ایاز یہ نائو کدھر لے جائے گی۔)
وہ گھٹنوں کے گرد بازو حمائل کےے بے تحاشا رو رہی تھی، اس کے اندر ایسی گھٹی گھٹی آواز نکل رہی تھی، جیسے چولہے پر پانی ابل رہا ہو۔
پکھی پرو کا انجان نہ آیا، اکیر تن جی ہری رہی
(پچھلے سال کے پرندے ابھی نہیں آئے، ان کی یاد آرہی ہے۔)
ہجر پوری کاملیت سے اس کے وجود پر سایہ کےے ہوئے تھا، میلوں دور بیٹھے پکھی کی یاد اس کو رُلائے دے رہی تھی، رُلائے جارہی تھی، آتش ہجر میں اس کا انگ انگ جھلس رہا تھا۔
ئ ئ ئ ئ
گل نے اس ایچ او سے فون پر بات کی، مگر اس نے مینیجر کا بہانہ بنا کر، بابا اللہ بچایوکو رہا کر نے سے انکار کر دیا تھا۔
’’اب کیا کریں؟‘‘ ماروی کی پریشانی حد سے بڑھ گئی تھی۔
وہ کچھ دیر تک سوچتی رہی پھر موبائل اٹھا کر نمبر ملا دیا، سانگی سے بات کی، اس کے باپ کے مرحوم دوست کا بیٹا اکلوتا بیٹا اور اس کا بھی قابلِ اعتماد دوست تھا۔
’’سانگی کہہ رہا ہے، میں کوشش کرتا ہوں۔‘‘
’’وہ کیا کرے گا؟‘‘
’’کوئی سفارش ڈھونڈے گا، یا رشوت سے کام کرائے گا۔ آئے گا تو پتا چلے گا۔‘‘
وہ آفس میں بیٹھ کر بدین کی معاشی حالت پر اظہار افسوس کر رہی تھی، جبکہ گل خاموشی سے سر ہلاتے اس کی تائید کر رہی تھی۔
دو گھنٹے بعد سانگی ان کے آفس میں کھڑا تھا، اور گل دونوں کا ایک دوسرے سے تعارف کروا رہی تھی۔
’’اچھا تو آپ ہیں، گل کی اکلوتی دوست۔‘‘
’’کیوں تمہیں دیکھ کر مایوسی ہوئی؟‘‘ گل نے اس کی بات پکڑی۔
’’ارے نہیں، خوشی ہوئی بہت خوشی، آخر کوئی تو ہے اس جہاں میں جو گل کو لڑکی ہونے کا احساس دلاتی رہتی ہے۔‘‘ اس نے ہنستے ہوئے کہا۔
’’مسئلے کا کیا بنا، یہ بتائو؟‘‘ گل نے اسے گھور کر بے تابی سے پوچھا۔
’’وہ تو حل کر کے آیا ہوں۔ پتا چلا کہ ایس ایچ او اپناپرانا واقف کار ہے، اور اب بابا اللہ بچایو کو لے کر یہ مسئلہ مینیجر کے ساتھ حل کرنے آیا ہوں۔‘‘ وہ مسکرا کر تفصیل بتانے لگا۔
بابا اللہ بچایو کی رہائی کا سن کر اس نے سکون کی سانس لی، وہ سب مینیجر کے کمرے میں آئے۔
’’السلام علیکم! سر ناچیز کو سانگی کہتے ہیں، صحافت سے تعلق ہے۔‘‘ اس نے مینیجر سے مصافحہ کرتے ہوئے اپنا تعارف کرایا۔
’’جی بیٹھے۔‘‘ مینیجر کی نظریں بابا اللہ بچایو پر جم گئی تھی۔
’’آپ زیادہ حیران نہ ہوں۔ اسے میں چھڑا کر لایا ہوں۔‘‘ مینیجر نے سوالیہ نظروں سے اسے دیکھا۔
’’اس کی بچت کی ہوئی رقم آپ سود یا شرح منافع میں کاٹ چکے ہیں، باقی اصل رقم تیس ہزار بنتی ہے جس میں سے دس ہزار مس ماروی دے چکی ہیں، اور پانچ ہزار میری طرف سے، پانچ آپ کے سابقہ سوشل آرگنائزر گل نے دےے ہیں، باقی دس ہزار کے لےے عرض یہ ہے کہ آپ کو بابا اللہ بچایو ہر ماہ ایک ہزار کی قسط دے گا، اور اس کا ضامن، گل میں اور مس ماروی ہیں۔‘‘ اس نے ہزارکے دس نوٹ گن کر اس کے سامنے رکھے۔
’’ٹھیک ہے ، مگر مجھے اس پر اعتبار نہیں، کیونکہ اس کی زرعی زمین بھی تھی اور اس کی اک بھینس بھی ہے، چاہتا تو وہ بیچ کر ہمیں پیسے دے دیتا۔‘‘ مینیجر نے تندی سے کہا۔
’’سائیں! وہ زمین سیم و تھور بن گئی ہے، تین بیٹیاں ہیں میری، ایک بھینس ہے، اس کا دودھ بیچ کر ان کا پیٹ پالتا ہوں، وہ بیچ کر اگر ان کو پیسے دے دوں، تو ان کو کہاں سے پالوں، میں نے کہا تھا، مجھ سے قسطوں میں لے لیں پیسے، مگر مینیجر صاحب نہیں مانا۔‘‘
’’بابا! بیٹا نہیں ہے آپ کا؟‘‘
’’تھا مگر اللہ لے گیا اسے، سمندری طوفان میں ہوڑے (کشتی) پر تھا، طوفان تو ٹلا مگر نہ ہوڑا کٹتی، آیا نہ بیٹا!‘‘ اس نے آب دیدہ ہو کر اجرک کے پلو سے آنکھیں پونچھیں۔
سانگی نے اس کا شانہ تھپکایا۔ ’’سر! ایک قدرتی آفت نے اس کا بیٹا چھینا۔ ڈیلٹا تباہی سے زرعی زمین کو کلر چاٹ گیا، اور وبائی بیماری سے بھینس مر گئی، اوپر سے آپ نے یہ احسان کیا کہ اس غریب کو تھانے کی سیر بھی کرادی، اور پولیس سے مرمت بھی۔‘‘
’’کبھی ایسی تنگی نا دیکھی، زمین سے اناج آتا تو آدھا کمرا بھرا ہوتا۔‘‘ وہ غریب اپنی خوش حالی کے دور کو یاد کرتا رہا۔
سانگی نے افسوس بھری نظروں سے اسے دیکھا۔
’’مجھے اپنے کالم کے لےے بہت سارا مواد مل گیا۔‘‘
اخبار میں کالم کا سن کر مینیجر ڈھیلا پڑ گیا۔
’’ٹھیک ہے۔ مجھے دس اقساط قبول ہیں۔‘‘
ماروی نے دیکھا، بابا اللہ بچایو کے چہرے پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
سادہ لوح بابا اللہ بچایو، بدین کے لاکھوں لوگوںکی طرح معاشی بدحالی کا شکار تھا، وہ بدین جس کی مٹی تیل اگل رہی تھی، مگر تیل کی بے تحاشا برکتوں نے بدین کے لوگوں کو کچھ نہیں دیا تھا۔ ڈیلٹا کی تباہی اور پانی کی کمیابی نے یہاں کے لوگوں کو بدترین زندگی گزارنے پر مجبور کر دیا تھا۔
تیل کی دولت سے مالا مال بدین، بھوکا سوتا تھا، اور پیاسا چلاتا تھا، کالا تیل جس کے آگے لال خون بہت ارزاں تھا، جس کے آگے انسانی عزت، حمیّت، جان اور انسانیت کی کوئی وقعت، قیمت، حرمت نہ رہی تھی، اس کی نظروں میں عراق کے مظلوم لوگ آگئے، سامراجی قوتیں ہر جگہ بر سرِ پیکار ہیں، اور مظلوم کی داد رسی کے لےے کوئی طبل نہیں بجاتا، سب گونگے اندھے بن چکے ہیں۔
واقعی حکمران ہر جگہ کے اندھے بہرے ہوتے ہیں۔
گل کے آفس میں پہنچنے کے بعد سانگی اٹھ کھڑا ہوا۔
’’اچھا ۔ اب میں چلتا ہوں، آئندہ بھی میرے لائق کوئی خدمت ہو تو یاد فرمائےے گا۔‘‘
’’خادم فوراً! حاضر ہوجائے گا۔‘‘ گل ہنسی۔
’’بالکل!‘‘ اس نے سینے پر ہاتھ رکھا۔ ’’اچھا مس ماروی! خدا کرے آپ کے اندر خوشبو کا شہر ہمیشہ آباد رہے۔‘‘
اس نے بے ساختہ نچلے ہونٹ کے کونے کو دانت سے کاٹا تھا۔ سانگی کا اتنی اپنائیت سے کہناا سے عجیب لگا تھا ۔ مگر وہ خاموش رہ گئی۔
ئ ئ ئ ئ
پچھلے دو سالوں میں وہ تیسری بار آئی تھیں، اور آج اعجاز نبی شاہ کے چہرے پر انہیں دیکھ کر ہی تنائو آگیا تھا۔
’’ادا! میں جھولی پھیلا کر آئی ہوں، خدا کے لےے مجھے نا امیدنہ کرنا۔‘‘
وہ جھولے میں بیٹھے تھے، وہ ان کے سامنے پڑی ہوئی کرسی پر بیٹھ گئیں۔ تخت پر جیجی بیٹھی ہوئی حسبِ معمول عصر کے بعد تسبیح پڑھ رہی تھیں۔ برآمدے میں کھلنے والی کمرے کی کھڑکی سے نغمہ جھانک رہی تھی، اور بی بی عطیہ سندھی کڑھائی کا دوپٹا بنا رہی تھیں،سندھیا جو جیجی کے تخت پر نیم دراز تھی، اٹھ کر اپنے کمرے میں چلی گئی تھی۔
سب اپنی اپنی جگہ خاموش تھے۔
’’ادا! مجھ سے جو عہد، اقرار لینا چاہتے ہو لے لو، جو شرط رکھو گے، مانوں گی۔‘‘
وہ اب بھی خاموش رہے۔
’’ادا! میں ہاتھ جوڑتی ہوں، میری عرض سن لو، بولو ادا!‘‘ وہ عاجزی سے کہتے ہوئے رو پڑیں۔
’’ادی! میرا جواب جو کل تھا، وہی آج بھی ہے، اور ہمیشہ رہے گا۔‘‘ انہوں نے غصہ ضبط کر کے کہا۔
’’ادا! پورے دو سال بعد آیا ہے میرا بیٹا! میں اس کی مایوس شکل نہیں دیکھ سکتی، مجھ پہ احسان کرو۔‘‘
’’ادی! مہر علی شاہ نے اپنی بیٹیوں کے رشتے اپنے بھائیوں کے بیٹوں کو دے دےے، اس کی زبان کا پاس رکھا ہم نے۔ آپ کے پاس رشتے مانگنے نہیں آئے، ورنہ دونوں لڑکیوں کے جوڑ کے لڑکے تھے، انوار نبی تھا، ادا حسن علی کا بڑابیٹا تھا، مگر ہم نے کہا۔ جو زبان میر علی نے دی ہے، شہزین کے رشتے میں وہ اس کے بعد اب ہماری زبان ہے، اب آپ آئی ہیںکہ بھائی کے بیٹے سے منگنی توڑ کر آپ کے بیٹے کو رشتے دے دوں، آپ نے خود پر، مجھ پر اور حسن علی پر ساری برادری میں جگ ہنسائی کرائی ہے، بدنام ہو کے رہ گئے ہیں ہم، اور ہاں نورالعارفین کو منع کر دیجےے گا کہ یہاں آنے کی ضرورت نہیں، کہیں جیجی سے ملنے کے بہانے چلا نہ آئے۔‘‘
’’اعجاز نبی! یہ میرا بھی گھر ہے، اور وہ بچہ میری گود میں پلا ہے۔‘‘ جیجی نے انہیں تنبیہ کی۔
’’جیجی! آپ کو ملنا ہے تو انور نبی کو کہوں گا، گاڑی میں بٹھا کر آپ کو ادی آمنہ کے گھر چھوڑ آئے گا، مل لیجےے گا تو پھر انوار آپ کو لے آئے گا۔‘‘
وہ غصے میں اٹھ کر اپنے کمرے میں چلے گئے۔
’’تربیت تو بڑی اچھی کی ہے، آپ کی بی بی صاحبہ نے، آپ کی اکلوتی بیٹی کی، صد شکر کہ مجھے تو کوئی بیٹی نہیں ہوئی، ورنہ۔۔۔۔‘‘ نغمہ نے نمک چھڑکا۔
اعجاز نبی شاہ نے گھور کر اسے دیکھا۔ مگر وہ چپ نہ ہوئی۔
’’عطیہ کی بیٹی کی رائے اور رضامندی نہ ہو، تو ادی آمنہ یوں جوتیاں نہ گھسائے، سب کام سندھیا کی رضا مندی سے ہی ہورہا ہے۔‘‘
بی بی عطیہ نے بے چینی سے پہلو بدلا، اگر اعجاز نبی شاہ موجود نہ ہوتے تو یقینا وہ اس گانے والی کو جواب دیتیں۔
’’چپ ہوجائو نغمہ! آئندہ ایسی بکواس کی تو مجھ سے برا کوئی نہیں ہوگا۔‘‘
’’کیوں میں نے ایسا کیا کہا ہے، آخر ادی آمنہ بار بار انکار کے باوجود کیوں چلی آتی ہے، سندھیا کی شہ پرنا!‘‘
’’سندھیا میری بیٹی ہے، میری عزت ہے، اب تم عطیہ کے حسد میں میری عزت، میری پگڑی اچھالو گی۔ شرم نہیں آتی تمہیں۔‘‘
کتنے عرصے بعد اعجاز نبی ان کے حق میں بول رہے تھے، بی بی عطیہ نے اطمینان کا سانس لیا۔
’’میں کیا کہہ رہی ہوں، میں نے تو صرف یہ کہا ہے کہ یہ سب عطیہ کی شہ ہے بیٹی کو۔‘‘ وہ اعجاز نبی شاہ کا غصہ دیکھ کر ڈھیلی پڑ گئی۔ ’’میرا تو یہ مشورہ ہے، سائیں سر ہی بھری اتارو (خوشبو دار گٹھڑی اتارو۔) تو اس سے اچھی کوئی بات نہیں آپ کی عزت کے لےے۔ شادی کی تاریخ طے کر دیں فوراً۔
اعجاز نبی نے غصے سے اسے دھکا دیا تھا۔ وہ بیڈ پہ جا گری۔
’’کیا۔۔۔ کیا دیکھا ہے تم نے میری بیٹی میں جو ایسی بکواس کر رہی ہو؟‘‘ وہ طیش سے اس کی طرف بڑھے۔
’’خدا کے لےے ادا! کیوں تماشا بنواتے ہو، لوگ سنیں گے تو کیا کہیں گے۔‘‘ بی بی آمنہ نے اسے ہاتھ سے پکڑ کر دور کیا۔
’’میں نے کیا کہا ہے۔ جومجھے مارنے پر تل گئے عشق بیٹی کرے، سزا مجھے ملے۔‘‘ وہ روتے چیختے بولی، اعجاز نبی شاہ کا یہ رویّہ اس کے لےے ناقابلِ یقین تھا۔
شور پر باہر آنے والی سندھیا شرم سے دروازے پر گڑ گئی تھی۔
’’میری بیٹی کے بارے میں اب اگر ایک لفظ بھی بولا نا تو طلاق دے کر واپس ہالا بھجوادوں گا، پھر ڈھولکی بجاتی گاتی پھرنا۔‘‘
اعجاز نبی شاہ غصے سے دبے دبے لہجے میں کہہ کر باہر نکلے، برآمدے میں اپنے کمرے کے دروازے پر گڑی سندھیا کو دیکھا، جس کی آنکھیں نمکین پانیوں سے بھری ہوئی تھی۔
انہوں نے چند لمحے سندھیا کی جھکی جھکی نظروں کو دیکھا، اس کی آنکھوں کے گرد حلقے پڑ چکے تھے، اس کے وجود پر اداسی نے ڈیرا ڈال رکھا تھا۔ وہ پچھلے دو سالوں میں بہت تبدیل ہوچکی تھی۔
آج سے پہلے یہ بات انہوں نے اتنی شدّت سے محسوس نہیں کی تھی۔
وہ تیزی سے اوطاق میں آئے۔ ان کے اضطراب میں بے تحاشا اضافہ ہوگیا تھا، کیا ہورہا ہے، یہ سب کیا ہم کسی انہونی کی طرف بڑھ رہے ہیں، وہ اضطراب سے اپنی چھوٹی سی داڑھی میں انگلیاں گھمانے لگے۔
ان کے نوکر نے آکر بتایا کہ حسن علی شاہ کا منشی آیا ہے۔ مگر انہوں نے انکار میں سر ہلا کر ملنے سے منع کر دیا، تھوڑی دیر بعد ملازم پھر آیا۔
’’سائیں! وہ کہتا ہے کہ سائیں حسن علی کا پیغام لے کر آیا ہے، ضروری ملنا ہے۔‘‘
’’اس سے کہو، میری طبیعت ٹھیک نہیں۔ شام کو آئے۔‘‘ انہوں نے آنکھیں موند لیں۔
’’السلام علیکم ادا!‘‘ حسن علی کی آمد پر وہ چونک گئے۔
’’وعلیکم السلام!‘‘ وہ اٹھ کر اس سے بغل گیر ہوئے۔
’’کیا ہوا ادا! منشی بتا رہا تھا کہ آپ کی طبیعت ٹھیک نہیں؟‘‘ اس نے صوفے پر بیٹھتے استفسار کیا۔
’’کچھ بہتر محسوس نہیں کر رہا تھا، تھوڑا بہت تو چلتا رہتا ہے نا عناصر سے بنے وجود کے ساتھ، تم بتائو منشی کس کام سے بھیجا تھا؟‘‘
’’ادا! مرتضیٰ اور زین العابدین کا تھوڑا جھگڑا ہوگیا ہے۔‘‘
’’کس بات پہ؟‘‘
’’دونوں لڑکے ہیں جوشیلے، کس نے کس کی گاڑی کو ٹکر ماری، یہ تو مجھے ٹھیک طرح سے پتا نہیں ہے۔ مگر نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ آپ بڑے ہیں۔ میں نے سوچا۔ آپ کے علم میں یہ بات لے آئوں۔‘‘
’’صحیح کیا۔ حسن علی کہ تم نے آکر مجھے بتا دیا۔ میں ادی آمنہ کو کہتا ہوں وہ زین العابدین کو سمجھائے، اور تم بھی مرتضیٰ کو سیدھا کرو، ابھی تک ویسا ہی لاابالی اور غیر ذمہ دار ہے۔ اب ذمے داری ڈالو اس پر، بچہ بنا پھرتا ہے، لوفروں سے دوستی چھڑائو۔‘‘
’’ادا! اب تو کافی ذمہ دار بن گیا ہے، زمینوں پر بھی جاتا ہے۔‘‘وہ ڈھیلا پڑ گیا۔
’’یہ تو تم کہتے ہو نا! جب دنیا کہے تو مانوں۔ تعلیم کے ساتھ تو ویسے بھی اس کی نہیں بنی۔ کم از کم زمینیں تو سنبھالے، میری باتوں پر غور کرنا۔‘‘
’’حاضر ادا حاضر، جو آپ کا حکم۔ میں اور سختی کروں گا اس پر، مگر آپ بھی خیال رکھےے گا، خاندان میں چہ میگوئیاں ہورہی ہیں، آپ یقینا ا س سے لا علم نہیں ہوں گے، اوپر سے نورالعارفین کی آمد۔‘‘
اس نے جان بوجھ کر بات بیچ میں چھوڑ کر سرجھکالیا۔
’’اس کی تم فکر نہ کرو، حسن علی! میں تمہیں زبان دے چکاہوں، سندھیا کل بھی تمہاری تھی، آج بھی تمہاری ہے، ادی آمنہ آتی ہے تو میں اسے ہاتھ سے پکڑ کر گھر سے تو نہیں نکال سکتا، ہاں جواب ہر بار دیتا ہوں۔‘‘ انہوں نے دھیمے لہجے میں بات ختم کی۔
’’ہاں ادا! ادی آمنہ کو تو لاکھ بار آفرین ہو، وہ ہم میں جدائی ڈلوانے آئی ہیں، بالکل ناجائز بات کرتی ہے۔‘‘ اس نے غصے سے کہا۔
’’بس اس کا بھی قصور نہیں۔ اولاد کے آگے والدین مجبور ہوجاتے ہیں، تم بھی تو اپنے بیٹے کے کرتوتوں کے آگے مجبور ہونا۔‘‘ اعجاز نبی شاہ نے متانت سے کہا تو حسن علی نے سر جھکالیا۔
ئ ئ ئ ئ
’’زین العابدین! یہ شرافت نہیں ہے کہ تم لوگ بیچ بازار ایک دوسرے کو گریبانوں سے پکڑو۔‘‘ بی بی آمنہ سخت رنجیدہ تھیں۔
’’اماں! میں تو اسے سائڈ دے رہا تھا، اس نے جان بوجھ کر گاڑی ٹکرائی ہے، جب سے بھائی آیا ہے، تب سے اس کا دماغ پھرا ہوا ہے، کئی بار میں کنی کترا کے گزر جاتا ہوں۔‘‘
’’پھر بھی بیٹا! تمہیں یہ زیب نہیں دیتا تھا کہ اسے گھونسے رسید کرو۔‘‘
’’اس نے مجھے گریبان سے پکڑ کر گاڑی سے اتارا تھا، پھر میں اس کو چھوڑ دیتا؟ وہ نواب زادہ ہے کیا؟‘‘
’’شرم کرو، میرے بھائی کانام کیوں لارہے ہو؟‘‘
’’اماں کیا کہا ہے میں نے آپ کے بھائی کو۔ نواب کہا ہے گالی تو نہیں دی۔‘‘ وہ تلملایا۔
’’چپ ہوجائو زین العابدین! اماں سے بحث کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ نورالعارفین نے اسے ڈانٹا۔
گاڑی گیٹ کے اندر داخل ہوئی تھی، اور جیجی اتر رہی تھیں، وہ برآمدے سے تیز تیز چلتا ہوا باہر آیا۔ کھڑے جیجی کو اتارنے میں مدد دیتے انوار نبی سے ملا، اور پھر جیجی کے ہاتھ چومنے لگا۔
’’میرا بچہ، اللہ تمہیں خوش رکھے، آباد رکھے۔‘‘ جیجی اس کا چہرہ چومتے دعائیں دینے لگیں۔
’’جیجی! کتنے دنوں کے بعد میرے گھر آئی ہو۔‘‘ بی بی آمنہ نے انہیں ہاتھ سے تھام کر صحن میں پڑی کرسی پر بٹھایا۔
’’چلیں جیجی، ادا نور العارفین کے بہانے آپ ہمارے غریب خانے پر تو آئیں۔‘‘ زین نیچے بیٹھ کر ان کی ٹانگیں ہلکے سے دبانے لگا۔
’’تم کبھی نہیں بدلو گے، زین العابدین؟‘‘ جیجی متبسم ہوئیں۔
’’ہاں جیجی! یہ کبھی نہیں سدھرے گا۔ بیٹے کا باپ بن گیا ہے، پھر بھی۔‘‘نور العارفین نے اس کے ایک سال کے بیٹے کو ہاتھوں سے اچھالتے ہوئے کہا۔
’’ابے ادھر آ۔‘‘ زین العابدین نے بیٹا اٹھا کر جیجی کے سامنے کیا۔ ’’ہاتھ ملا جیجی سے، ہاتھ چوم۔‘‘ اس نے جیجی کے ہاتھ بچے کے منہ پر رکھا، وہ منہ بسورنے لگا۔ ’’گدھے ہاتھ چوم جیجی کا۔‘‘
جیجی نے ہلکی سی چپت اس کے سر پر رسید کی اور اس کے بیٹے کو گود میں لے کرپیار کرنے لگیں۔
’’دلہن! اب اسے اٹھائو، مجھے بھگودے گا۔‘‘
’’یہ موٹی آپ کو ابھی تک دلہن لگتی ہے، ایمان سے مجھے تو بھینس لگتی ہے۔‘‘ اس نے اپنے مخصوص شگفتہ انداز میں کہا۔
’’اچھا۔ مجھے تو اب اندر لے چلو، مغرب کا ٹائم ہورہا ہے۔‘‘ جیجی نے ہنستے ہوئے کہا۔ وہ پچھتر سالہ بوڑھی جیجی کو ہاتھ سے پکڑ کر اندر کی طرف بڑھا۔
’’آئےے جیجی آئےے، آپ کے لےے تخت طائوس، تخت سلیمان، تخت سبا، تخت اماں حاضر ہے۔‘‘
بس کرو، زین ! حیا کرو، جیجی کے ساتھ اتنا مذاق۔‘‘ بی بی آمنہ اپنی وضع دار طبیعت سے مجبور اسے ٹوک بیٹھیں۔
’’جیجی! گستاخی کی معافی چاہتا ہوں۔‘‘ اس نے فوراً ان کے پائو ں پکڑ لےے۔
’’ارے نہیں بابا! تم سب بچے ہو میرے، اب تم بھی جائو، نورالعارفین کب کا نکل گیا، نماز کے لےے۔‘‘
ماں کے کہنے پر اثبات میں سر ہلا کر باہر نکل گیا، وہ مغرب پڑھ کر آیا، تو برآمدے میں صرف جیجی نماز پڑھ رہی تھیں۔
جیجی کی نماز ہمیشہ کی طرح بہت لمبی تھی، وہ بہت آہستہ آہستہ نماز پڑھتی تھیں، وہ بغور جیجی کو دیکھنے لگا اور اس کو بے طرح سندھیا یاد آئی، اس کے دل کی جگہ درد بھر گیا، اس کے دل میں اس کو دیکھنے کی تمنا قطرے سے سمندر بن گئی، اور اس کا سارا وجود اس سمندر میں ڈوبنے لگا، اس کا دل اپنی دھڑکنیں کہیں اور گم کر رہا تھا، اسے اپنی دھڑکنیں بہت معدوم محسوس ہوئیں۔ وہ اس کے تخیل میں مجسم تصویر بنی کھڑی تھی، اس کے بہت قریب تھا، بیچ میں صرف اک دیوار حائل تھی، مگر اسے لگا کہ وہ سینکڑوں میل دور طائف کے باغات میں چہل قدمی کر رہا ہے، اور شاہ لطیف کی نگری سندھ دھرتی سے آنے والی ہوائیں، سندھیا کی یاد لےے چلی آرہی ہیں۔ وہ قریب ہو کر بھی اس سے اتنا ہی دور ہے۔
جیجی کے ہاتھ دعا کے لےے بلند ہوگئے، وہ اسی بے خودی کے عالم میں جیجی کی طرف بڑھا، اور سر ان کے زانوں پر رکھ کر آنکھیں موند لیں۔
’’جیجی۔۔۔! دعا کریںمیرے لےے۔‘‘ اور جیجی کی آنکھیں نم ہوگئیں۔
بھلا محبت بھرے قلوب کے لےے کیا دعا کی جائے، جیجی سوچ میں پڑ گئیں، کیا وصل کی؟ خاندانی اتفاق پہ، یہ بہت بڑا وار تھا۔
’’محبت کے ختم ہونے کی؟ محبت تو پہلے ہی نا پید ہے، جو رہ گئی ہے، وہ کیوں ختم ہو، صبر کی، یا قرار کی؟‘‘ وہ سوچتی ہی رہیں۔ ان کی کچھ سمجھ میں نہیں آیا، مرتضیٰ ان کا بھتیجا، عارفین ان کا بھانجا۔
’’یا اللہ! تُو عالم الغیوب ہے، ان سب کے حق میں جو بہتر ہو، وہ کر دے، اور سب کو اس پر صبر کی توفیق عطا فرما۔‘‘ انہوں نے درود پڑھ کر دونوں ہاتھ منہ پر پھیرے، اور عارفین کا سر سہلانے لگیں۔
ئ ئ ئ ئ
کتنے دن ہوگئے تھے اسے آئے ہوئے مگر نا وہ اُدھر اور نا ہی وہ اِدھر جا سکتی تھی، اک امید تھی کہ شاید جیجی سے ملنے آئے تو اس کی اک جھلک ہی دیکھ لے، مگر وہ بابا جان نے منع کر دیا۔ جیجی خود گئی تھیں اس سے ملنے، اوراس کی بے قراری میں بے تحاشا اضافہ ہوگیا تھا، رات کو جیجی کے آنے کے بعد وہ ان ہی کے پاس بیٹھی رہی، شاید جیجی کاش کا کوئی تذکرہ کریں، مگر جیجی نے کتنی ہی دیر کوئی ذکر ہی نہ کیا۔ اس کی کیفیت ان دنوں۔
یا تیرا تذکرہ کرے ہر شخص
یا کوئی ہم سے گفتگو نہ کرے
کے مصداق ہوگئی تھی، اور شاید جیجی اس کی ان کہی بات سمجھ گئی تھی۔
’’آمنہ کے سارے ہی بچے بڑے فرماں بردار ہیں، اللہ سب کو خوش رکھے، نورالعارفین کچھ کمزور ہوگیا ہے، پوچھاتو کہا جیجی! کچھ عرصہ بیمار رہا ہوں اس لےے۔‘‘ جیجی نے نورالعارفین کی بے تابی اس تک پہنچا دی تھی۔
ئ ئ ئ ئ
اس بات کے بعد بہت دن گزر گئے تھے، اور اس کی بے تابی سوا تھی، دعا کے سوا اس کے پاس کوئی چارہ نہیں تھا، خاندان کا معاملہ تھا، ہاں اگر بابا جان راضی ہوجاتے تو کوئی رکاوٹ نہ بنتا۔
اور تب اس نے اپنے گھٹنے مصلّے پر گاڑ دےے تھے، اور اپنے ہاتھ دعا کے دامن پر ٹانک دےے تھے، صدقِ دل سے مانگی ہوئی دعائوں سے معجزات رونما ہو ہی جایا کرتے ہیں، وہ بھی معجزے کی منتظر تھی۔
ئ ئ ئ ئ
وہ امید و بیہم میں گھری تپشِ محبت میں جلتی رہی۔ نور العارفین کی یاد کی شدت کے ساتھ ہی اس کی آنکھیں جلنے لگیں۔ جیسے اس کی آنکھوں میں کنری کی تیز مرچیں بھر گئی ہوں۔ آنکھیں جل جل کر آگ اگل رہی تھیں۔ آنسوئوں کا سندھو بہانے کے بعد ان کی جلن میں کچھ کمی تو آئے مگر عشق کی لالی بہت نمایاں ہوگئی۔
ماروی اسے خوش خبری سنانے آئی تھی کہ اس کا ٹرانسفر مٹیاری ہوگیا ہے، مگر سندھیا کی حالت دیکھ کر اسے اپنی بات یاد ہی نہ رہی تھی اور وہ ہمدرد اور غم گسار دوست پا کر پھر سے رونے لگی تھی۔
’’ماروی! میں نے اتنی کوشش کی ہے، اسے دل سے نکالنے کی مگر میری ہر کوشش ناکام ہوگئی ہے۔‘‘
وہ اس کی بات سن کر مسکرا دی۔’’بی بی سندھیا! میری دوست گل ہمیشہ کہتی ہے، جانتی ہو ہماری سندھی قوم کا المیہ کیا ہے، ہمارے دلوں میں جس کی محبت بیٹھ جائے، تو پھر نکلتی نہیں۔ چاہے وہ کتنے ہی خراب کیوں نہ ہوں، ہاں یہ ہے کہ ہم وقتی طور پر بد دل ہوجاتے ہیں مگر محبت کوجڑ سے اکھاڑ کر نہیں پھینکتے، ہم مجبور ہیں اپنی اس فطرت کے آگے، اکھاڑ کر پھینکنا چاہیں، پھربھی نہیں پھینک سکتے اس نامراد محبت کو، ہم اپنے لیڈروںسے بھی ایسی ہی محبت کرتے ہیں۔‘‘
’’نہیں ماروی! محبت نامراد نہیں ہوتی۔‘‘ اس نے قطعیت سے حتمی لہجے میں کہا۔ ’’ہاں۔ کبھی کبھی ہمیں یہ لگتا ہے کہ یہ نامراد ہے، یا ہمیں کر رہی ہے، کیونکہ ہماری ساری مرادیں محبوب کی ذات سے وابستہ ہوتی ہیں۔ سب سے پہلے تو یہ ہمیں پُرنم کرتی ہے، پھر پُر درد کرتی ہے اور پھر دائمی سکون سے نوازتی ہے۔‘‘ بات پوری ہونے تک اس کی آنکھیں نم ہوچکی تھیں۔
امینہ ان کو چائے دے کر چلی گئی تھی۔
’’میں نے بہت سارے محبت کرنے والے دیکھے ہیں سندھیا شاہ! مگر محبت کی اتنی خوب صورت شکل کہیں اور نہیں دیکھی، تم سندھیا! تم موم کی طرح پگھل رہی ہو اس محبت میں۔‘‘
’’نہیں ماروی! محبت ہے ہی خوب صورت، انسانوں کی بدصورتی اس پہ اثر انداز نہیں ہوتی، بہت کم شکل لوگ محبت کرتے ہیں تو محبت ان کو بھی خوب صورت بنا دیتی ہے۔‘‘ وہ بہت آہستہ سے مسکرائی تھی۔
’’ہر بندہ اپنے ظرف کے مطابق محبت کرتا ہے اور ہر ایک کے دل کی وسعت بھی ایک سی نہیں ہوتی، کوئی قطرے کا طالب ہوتا ہے، کوئی دریا کا تو کوئی سمندر کا، کوئی محبت کو دیکھتا ہے، کوئی محسوس کرتا ہے، کوئی چھوتا ہے، اور کوئی اوڑھ لیتا ہے۔‘‘
اس کے گلے میں پھندا سا اٹک گیا، ماروی یک ٹک اسے دیکھ رہی تھی، اس کی آواز کا اتار چڑھائو بہت ہی دلکش تھا، اس نے کھنکار کر گلا صاف کیا۔
’’اور ہر ایک کی محبت کا وقت بھی ایک سا نہیں رہتا، کسی کی دنوں میں ختم ہوجاتی ہے، کسی کی ہفتوں میں، کسی کی مہینوں میں تو۔۔۔ کسی کی پوری عمر محبت میں بدل جاتی ہے۔‘‘ ماروی نے سندھیا شاہ کے کھوئے کھوئے سے وجود کو دیکھا، بڑی توجہ سے، بڑی محبت سے۔
’’پتا ہے ماروی! محبت نے مجھے ہاتھ سے پکڑ کر جینا سکھایا ہے، محبت نے مجھے بتایا ہے کہ زندگی کا حسن کیا، کہاں اور کیسا ہے، محبت نے مجھے تخیل کی رفاقت، خیال کا حسن دیاہے، محبت نے مجھے اپنے تحیر میں گم کر دیا ہے، محبت نے مجھے خوابوں سے آشنائی دی ہے، محسوسات کی انوکھی دنیا کی سیر کرائی ہے، محبت نے مجھے رات کی گہرائی، پوشیدگی اور سحر سے آگاہی دی ہے، محبت کے میری ذات پر بہت سارے احسانات ہیں، میں چاہوں بھی ناتو اب اسے نہیں چھوڑ سکتی۔
بابا جان چاہتے ہیں کہ مجھ پر مرتضیٰ کا ٹھپّا لگادیں، ان کی مرضی، میں خود کو ان کی رضا پہ قربان کردوں گی، مگر ماروی! میری روح اور میرے دل پر صرف اور صرف محبت کی مہر لگی ہوئی ہے۔ باباجان کی مرضی مجھے کسی کے بھی حوالے کر دیں، کسی کے بھی؟‘‘
وہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی تھی اور ماروی کے پاس ایک بھی ایسا لفظ نہیں تھا، جو اس کو دلاسا دیتا، اس نے خاموشی سے اٹھ کر اس کو گرم جوشی سے بازوئوں میں بھرا تھا، اور اپنا شانہ پیش کر دیا تھا۔ اچھا دوست، محبت کرنے والا دل، خدا کی بہت بڑی نعمت ہوتے ہیں۔
ئ ئ ئ ئ
مرتضیٰ اچانک غائب ہوگیا تھا۔ کہاں گیا۔کسی کو علم نہیں تھا، اس کے دوست جاننے والے، سب لا علم تھے، تین دن ہوگئے تھے، اور ابھی تک کوئی خیر خبر نہیں ملی تھی۔
حسن علی شاہ اس کو ڈھونڈ کر تھکا تو اعجاز نبی شاہ کے پاس آیا۔
’’ادا! یہ شرارت ادی آمنہ کے بیٹوں نے کی ہے۔‘‘
’’تم اتنے یقین سے کیسے کہہ سکتے ہو حسن علی؟‘‘ اعجاز نبی شاہ نے پرسوچ انداز میں کہا۔
’’ادا! میں حلف اٹھا کر کہہ سکتا ہوں کہ یہ کام ان ہی لوگوں کا ہے۔ میری یا مرتضیٰ کی کسی کے ساتھ دشمنی نہیں ہے۔ وہ میرے مرتضیٰ کو راستے سے ہٹانا چاہ رہے ہیں۔ میں آپ کو صرف یہ بتانے آیا ہوں کہ ان کے خلاف پرچہ کٹوا رہا ہوں۔‘‘
’’حسن علی! ابھی پرچہ نہ کٹوائو، میں نورالعارفین کو بلوا کر اس سے پوچھتی ہوں۔‘‘ جیجی نے مداخلت کی۔
’’جیجی! آپ کیسی باتیں کر رہی ہیں، بھلا چور کیسے کہے گا کہ ہاں میں نے چوری کی ہے۔ قاتل قتل کر کے بھی بھلا مانا ہے۔‘‘ اس نے طیش سے کہا۔
’’ٹھیک ہے، حسن علی! تم جو کرنا چاہتے ہو کرو، آخر تمہارے بھی بیٹے کا معاملہ ہے، اور جیجی پوچھ لینا چاہتی ہے تو اسے بھی پوچھ لینے دو، تاکہ کل کو ادی آمنہ ہمیں یہ نہ کہے کہ آپ لوگوں نے مجھے نہیں بتایا۔‘‘
’’ٹھیک ہے ادا! پر آپ لوگ مجھ سے لکھوالیں۔ یہ کام ان ہی دو بھائیوں کا ہے۔‘‘
شام کو ان کے آنے سے پہلے ہی اس کی ماںنے اس کو باہر نکلنے سے منع کر دیا تھا، نورالعارفین کے آنے کے بعد صحن کی آخری سائڈ پر جانے کی تو پہلے ہی پابندی تھی، دیوار کی کھڑکی پر بھی تالا لگا دیا گیا تھا، اورآج کمرے سے نکلنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی، وہ تو پہلے ہی پریشان تھی، چاچا کی نورالعارفین کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کا سن کر۔ یہ خبر وہ ان کو کیسے سنائے، پھوپھو جان کو ہی بتادے، مگر سب کے سامنے کیسے؟ کاش پھوپھو مجھ سے ملنے کمرے میں آجائیں، وہ سوچتی رہی۔ فون تو وہ کر ہی نہیں سکتی تھی، جہاں کرتی وہاں پہلے سب کو بتانا پڑتا تھا، اس کی ماں خود اس کو دوستوں کے نمبر ملا کر دیتی تھی، تب سے جب اک بار نورالعارفین نے اسے گھر پہ فون کیا تھا، اور اتفاق سے اس نے ہی اٹینڈ کیا، اس کی آواز سن کروہ بوکھلا گئی تھی، سب لوگ ہال میں بیٹھے ہوئے تھے، اس نے گھبرا کر فون رکھ دیا تھا، اور تیزی سے اپنے کمرے میں گھس گئی تھی، یہ ساری غلطی وہ بے اختیاری میں کر بیٹھی تھی۔
انوار نبی نے اٹھ کر نمبر چیک کیا تو سعودی عرب کا تھا، فوراً بی بی آمنہ کو بلوا کر شکایت کی گئی تھی کہ یہ شریفوں کے اطوار نہیں، اسی وقت نورالعارفین کو فون کر کے بی بی آمنہ نے سختی سے ڈانٹا تھا، مگر اس کا کہنا تھا کہ مجھے انوار نبی سے کام تھا، اس لےے فون کیا، تب اسے کہہ دیا گیا کہ اوطاق کے نمبر پر فون کرے، گھر میں نہیں۔
مگر سندھیا پر فون کو ہاتھ تک لگانے کی پابندی عائد کر دی گئی۔
اسے واحد یہی حل سمجھ میں آیا کہ وہ ماروی کو فون کرے، وہ آئے تو اس کو ساری بات بتائے کہ جا کر ان کو خبردار کرے، تاکہ وہ گرفتاری سے بچ جائیں۔
’’اس وقت اندر جائو، وہ لوگ آرہے ہیں، چلے جائیں تو پھر کرلینا۔‘‘ بی بی عطیہ نے اتنی نرمی سے کہا کہ وہ ضد بھی نہ کر سکی، اور واپس کمرے میں آگئی۔
’’جیجی! آپ یقین کریں کہ مرتضیٰ کو میں نے اغوا نہیں کروایا۔ میں حلف اٹھا کر کہتا ہوں کہ یہ حرکت زین کی بھی نہیں، آپ جو کہیں، میں وہ اعتبار دینے کو تیار ہوں، چاہیں تو مجھے مسجدمیں لے چلیں، چاہیں تو قرآن پر ہاتھ رکھ کر قسم اٹھانے کو تیار ہوں۔ مجھے تو یہ بات سوچ کر ہی گھن آرہی ہے۔‘‘
نورالعارفین کی آواز اس تک لفظ بہ لفظ پہنچی تھی، اس نے دروازے کی ہلکی سی درز سے دیکھا، مگر نورالعارفین شاید جیجی کے ساتھ تخت پر بیٹھا ہوا تھا، تب ہی نظر نہیں آرہا تھا۔
’’مگر حسن علی کا شک تم لوگوں پر ہے۔‘‘ اعجاز نبی شاہ نے بغور اسے دیکھ کر کہا۔
’’ماما سائیں! آپ جو بھی قسم لیں۔ ماما حسن علی نے الزام لگایا ہے، بلکہ گالی دی ہے ہمیں، ہم مہر علی شاہ کی اولاد ہیں، ہم اتنی نیچ اور گھٹیا حرکت کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔‘‘ اس نے مضبوط لہجے میں کہا۔
مرتضیٰ تو ہمارا بھتیجا ہے، اور تم لوگ بھانجے، تم سب ہمیں اولاد کی طرح عزیز ہو، نہ تم لوگوں پر آئی تکلیف سہ سکتے ہیں، نہ مرتضیٰ پہ، آپس کے اختلاف کو اس حد تک نہیں بڑھانا چاہےے کہ ایک دوسرے کی جانوں کے دشمن ہوجائو۔‘‘ جیجی نے بے حد رنج سے کہا۔
’’جیجی! اگر کبھی بھی مرتضیٰ کا اغوا ہم پر ثابت ہوجائے نا تو آپ کواجازت ہے کہ ہمیں الٹا لٹکادیں۔‘‘ نورالعارفین نے ان کاہاتھ چوما۔
’’پھر جو چور کی سزا، وہ ہماری سزا، مگر خدا کے لےے صرف شک کی بنیاد پر ہم پر اتنا بڑا الزام نہ لگائیں۔ آپ لوگ کہ ہمیں اپنے وجود سے شرم آنے لگے۔‘‘ زین العابدین نے غصہ ضبط کر کے کہا۔
بی بی آمنہ خاموش ہراساں سی بیٹھی ہوئی تھیں، اعجاز نبی شاہ کو ان کی باتوں پر یقین سا ہونے لگا تھا۔
اور اندر وہ پریشان ہورہی تھی کہ ایف آئی آر کی خبر ان تک کیسے پہنچائے۔
اسی وقت حسن علی شاہ پولیس کو لے کر آیا تھا۔ ایس ایچ او باہر کھڑا تھا، وہ اندر گھسا تو اسے معلوم ہوا کہ وہ لوگ جیجی کے پاس ہیں، اس نے چار کانسٹیبل ان کے دروازے پر کھڑے کےے، ایس ایچ او اور سپاہیوں کے ساتھ اعجاز نبی شاہ کے دروازے پر آیا، وہاں بھی پولیس کو باہر کھڑا کر کے وہ خود اندر داخل ہوا تھا۔
’’میں ان کو گرفتار کروانے آیا ہوں۔‘‘ اس نے دونوں کو غصے سے گھور کر کہا۔
’’حسن علی! تم میرے دروازے پر پولیس لے آئے ہو!‘‘ اعجاز نبی شاہ نے استعجاب سے اسے دیکھا۔
’’ادا! پہلے ان کے دروازے پر گیا تھا، پتا چلا کہ یہ تو آپ کے ہاں ہیں، سوچا۔ کہیں بھاگ نہ جائیں، سو پولیس کو آپ کے دروازے پر لے آنا پڑا۔‘‘
’’تمہیں اتنی جلدی کیا تھی، حسن علی! کہ پولیس کو میرے دروازے پر لاکھڑا کیا ہے، مجھے بتاتے کہ میرے بیٹوں پر شک ہے تو میں اپنے دونوں بیٹوں کو ہاتھ سے پکڑ کر تمہارے حوالے کرتی۔‘‘
’’ادی! شک کیا مجھے پکّا (یقین) ہے، مرتضیٰ کو اغوا تمہارے بیٹوں نے ہی کروایا ہے، اور میں نے ادا کو بتا کر ہی یہ قدم اٹھایا ہے۔‘‘ اس نے طیش سے کہا۔
’’آفرین ہے حسن علی، آفرین ہے! میں نے تمہیں یہ نہیں کہا تھا کہ پولیس لا کر حویلی کے دروازے پر کھڑی کر دو۔‘‘ اعجاز نبی شاہ نے غصے اور رنج کی ملی جلی کیفیت سے اسے دیکھا۔
’’ادا! میرے بیٹے کی زندگی کا سوال ہے، تین دنوں سے میرے پیٹ میں کچھ نہیں گیا،کھانا آگے رکھتا ہوں تو بھوک اڑ جاتی ہے، کہ پتا نہیںمرتضیٰ نے کچھ کھایا، پیا ہوگا کہ نہیں، پتا نہیں وہ کس حال میں ہے، زندہ بھی ہے کہ نہیں۔‘‘ اس نے آبدیدہ ہو کر بات ادھوری چھوڑی۔
’’اللہ سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔‘‘ جیجی نے دعا مانگی۔
’’سب کی خیر۔ سجن دشمن کی خیر۔‘‘ بی بی آمنہ رو پڑیں۔
سندھیا سے رہا نہ گیا، وہ ماں کی ساری تاکید بھلا کر کمرے سے باہر نکل آئی، اس کے چہرے پر پریشانی کے آثار واضح تھے۔
نورالعارفین جو اب تک غصہ ضبط کےے کھڑا تھا۔ اتنی پریشانی اور ٹینشن میں بھی اس کو دیکھتے ہی اس کے چہرے پر مسکراہٹ آگئی تھی اور سندھیا نے جواباً اسے جن نظروں سے دیکھا تھا۔ اسے دیکھ کر حسن علی شاہ پہلے تو سکتے میں آیا تھا پھر اسے طیش آگیا۔
نورالعارفین یک ٹک اسے دیکھ رہا تھا، کتنی بڑی مصیبت آئی کھڑی تھی، کتنا بڑا الزام لگ چکا تھا۔ مگر وہ ساری پریشانی سندھیا کو ایک نظر دیکھتے ہی زائل ہوگئی تھی۔
ماںکے گھورنے پر گھبرا کر وہ واپس کمرے میں چلی گئی تھی۔
نور العارفین کی اک جھلک دیکھی تھی اس نے، اس کی حوصلہ افزا مسکراہٹ سے یہ باور ہوا تھا کہ وہ اس کے لےے ہر مصیبت اٹھا سکتا ہے۔ پریشانی میں بے خودی سے باہر نکلی تھی اور بے خودی سے ہی اس کی مسکراہٹ کا جواب دے بیٹھی۔
پیچھے حسن علی کی چیختی آواز نے اسے سمجھا دیا کہ اس کی مسکراہٹ کتنی ناگوار گزری ہے۔ دوسری امی کی استہزائیہ نظریں سوچ کر ہی اسے خوف آنے لگا۔ اب یہ معمولی بات خاندان کے ہر فرد کی زبان پر مختلف انداز میں ہوگی۔
’’یہ معمولی بات تھی میرے لےے؟‘‘ دل نے تردید کی۔ ’’ہرگز نہیں۔ سوا دو سال کا عرصہ ہوا ایک دوسرے کو دیکھے ہوئے یہ بہت بڑی بات بہت بڑی خوشی تھی جو اس ایک جھلک نے انہیں دی تھی۔ پتا نہیں کیوں جہاں محبت ہوتی ہے وہاں ذلت کیوں در آتی ہے؟‘‘
ان چند لمحوں نے سب کو خاموش کر دیا تھا۔
’’ویسے کہنے کوہم بھی کہہ سکتے ہیں، ماما نے آپ کے ساتھ مل کر ہمیں گرفتار کروانے کی سازش کی ہے، مگر ہم ایسا نہیں کہیں گے، کہ یہ ویسا ہی الزام ہوگا جیسا اس وقت آپ نے ہم پر لگایا ہے۔‘‘ زین العابدین نے بہت مضبوط اور چبھتے ہوئے لہجے میں کہا۔
’’اب تم لوگ نکلتے ہو باہر، یا پولیس کو لے آئوں۔‘‘ حسن علی چیخا۔
’’آپ سے یہ بھی توقع کی جاسکتی ہے۔ چلو زین!‘‘
نورالعارفین اسے لے کر بیرونی گیٹ کی طرف بڑھا۔ ہر فرد اپنی جگہ پریشان اور مضطرب تھا کیا ہوگیا تھا، ان کے خاندان کو اور وہ لوگ کس ذلت کی طرف بڑھ رہے تھے۔
’’تم نے جلدی کی حسن علی! پہلے ہمیں ان سے بات تو کرنے دیتے۔‘‘ جیجی مضطرب ہوئیں۔
’’جیجی! آپ تو ہیں ہی دھر (فریق) ان کی ہی سائیڈ لیں گی، سرمے کی طرح آپ کی آنکھوں میں پڑے ہوئے ہیں بھانجے۔‘‘
وہ کہتے ہوئے نورالعارفین کے پیچھے نکل گیا۔
ئ ئ ئ ئ
پندرہ دن ہوگئے تھے، اور ان کی ضمانت ہی منظور نہیں ہورہی تھی، حسن علی نے کورٹ میں درخواست دے رکھی تھی کہ ضمانت کی صورت میں نورالعارفین سعودی عرب واپس چلا جائے گا۔ اس کی ضمانت میں بہت ساری پیچیدگیاں پیدا ہوگئی تھیں۔ عدالت نے ان کو دوسری بار پانچ دن کے ریمانڈ پر بھیج دیا تھا۔
مرتضیٰ کی کوئی خبر ابھی تک نہیں ملی تھی، خاندان کا ہر فرد اپنی جگہ پریشان تھا۔
سندھیا کی آنکھوں سے نیند مکمل طور پر روٹھ گئی تھی، ساری رات وہ دعائیں اور نوافل پڑھتی رہتی، کسی کسی وقت روتے روتے ہلکی سی آنکھ لگ جاتی، پھر اٹھتی تو یہی خیال آتا،اور آنکھیں بھر آتیں۔
اس کا کھانا پینا برائے نام رہ گیا تھا۔ بی بی عطیہ اس کی روز بروز بگڑتی حالت سے پریشان ہوگئی تھیں۔ اوپر سے چہ میگوئیاں ان کو اندر ہی اندر گھلا رہی تھیں۔ کتنی بڑی ذلّت تھی کہ بی بی آمنہ کے بیٹوں نے سندھیا کے منگیتر کو راستے سے ہٹانے کے لےے اغوا کر لیا ہے، اور سندھیا، نورالعارفین کی گرفتاری کے غم میں بیمار ہوگئی ہے۔
برادری کی وہ عورتیں جو مہینوں بعد کہیں ملتی تھیں، وہ بھی ان تینوں گھروں کے چکّر لگا کر سن گن لینے آتیں، تینوں گھر بظاہر سب کی ہمدردی کا مرکز بنے ہوئے تھے۔ مگر در پردہ تماشا بن گئے تھے۔ دوسری طرف بی بی آمنہ تھیں، جو منہ چھپائے روتی رہتیں، کس کو دوش دیں، بیٹے کو، بھتیجی کو، یا محبت کو۔ وہ جیجی کے پاس جاتیں تو وہ سندھیا کو لپٹا کر ڈھیروں پیار کرتیں۔
’’جیجی! بچی کی حالت مجھ سے دیکھی نہیں جاتی۔‘‘
جیجی آہ بھر کے کہتیں، اٹھ جیڈی پریت رت جی رتی۔ (اونٹ جتنی چاہت دوسری طرف لہو کا قطرہ۔ یعنی خونی رشتہ۔) کیا کروں؟ میں تو تینوں طرف ہی پھنسی ہوئی ہوں، اک طرف آگ ہے، دوسری طرف پانی، ادھر سندھیا کی حالت نہیں دیکھی جاتی، ادھر پتا نہیں مرتضیٰ کے ساتھ کیا ہوا، کون لے گئے، کدھر گیا، کچھ علم نہیں، پھر اتنا بڑا الزام تمہارے بچوںپر آگیا، وہ پولیس کی مار کھارہے ہیں، پتا نہیں پولیس نے کیا حشر کیا ہوگا ان کا۔‘‘ وہ روپڑتیں۔
ان کے پاس آتی سندھیا کو لگا کہ اس کا کلیجہ منہ کو آرہا ہے، ماروی نے بتایا تھا کہ اس پہ ذرّہ بھر تشدد بھی نہیں ہوا۔ بس یہ کہ ضمانت نہیں ہورہی، وہ فق چہرہ لےے الٹے قدموں واپس پلٹی تھی، اور اوندھے منہ پلنگ پر پڑی روتی رہی تھی۔
’’وہ اسے تھپڑ مارتے ہوں گے۔‘‘ وہ اپنے گال سہلانے لگی۔ ہیجانی انداز میں اٹھ کر اپنے شانوں کو دبانے لگی، اس کے گال جل رہے تھے۔ کاندھے درد سے بوجھل ہورہے تھے۔ اس کا ہر اک عضو درد کر رہا تھا، ہر جوڑ دکھ رہا تھا۔ وہ ہر اک تکلیف اپنی ذات پر محسوس کر رہی تھی۔ اس نے پہلے بھی چند بار یہ بات محسوس کی تھی، اور ماروی کو بتائی تھی۔
اس نے ہنس کر کہا تھا۔ ’’یہ تمہارا وہم ہے، میں خود تھانے میں اس سے مل کر آرہی ہوں۔ وہ بالکل آرام سے بیٹھا ہوا ہے۔ بس ضمانت میں کچھ قانونی رکاوٹیں آڑے آرہی ہیں، مگر وکیل کہہ رہا تھا، وہ بھی چند دن میں ہوجائے گی۔‘‘ اس کا لہجہ اتنا حتمی اور پریقین تھا کہ اس کو اس کی بات پر اعتبار کرنا ہی پڑا تھا۔
بی بی عطیہ نماز پڑھ کر جیجی کے پاس جارہی تھیں، پھر واپس پلٹی تھیں۔ ’’پتا نہیں اس نے کھانا بھی کھایا یا نہیں، یا اللہ! میری بیٹی پر رحم کر، اسے ہدایت دے۔‘‘ وہ زیرِ لب دعائیں مانگتی اندر داخل ہوئیں، کھانے کی ٹرے ویسی ہی پڑی تھی، اور وہ بلک رہی تھی۔
’’کیا ہوا سندھیا، کیا ہوا؟‘‘ وہ اس کی حالت دیکھ کر گھبرا گئیں۔
’’اماں! بابا جان کو کہو، نورالعارفین کو چھڑائیں۔ میں مرجائوں گی اماں! میرا ہر عضو دکھ رہا ہے، میرا سار ا جسم درد بن گیا ہے، خدا کے لےے ، اماں خد اکے لےے، بابا سے کہو، ہاتھ جوڑ کے، پائوں پکڑ کے۔‘‘ وہ بے تحاشا روتے ہوئے بولی۔
اور بی بی عطیہ کو اس پر غصہ نہیں آیا، غیرت نہیں آئی، بے تحاشاترس آیا۔ آج سے پہلے اس نے زبان نہیں کھولی تھی، انہوں نے اسے بارہا ڈانٹا، وہ سر جھکا کر سن لیتی، انہیں جواب نہیں دیتی۔ اقرار کرتی نہ انکار، مگر آج وہ ہاتھ جوڑ کر ان سے اقرار کر بیٹھی تھی۔
وہ بیٹی کی اس شدّت پر خود بھی رو پڑیں۔
’’مت روئو میری جان! میں آج ہی تمہارے بابا سے بات کرتی ہوں۔‘‘
رات کو وہ سر جھکائے اعجاز نبی شاہ کے سامنے کھڑی تھیں۔
’’سائیں! میری بیٹی مرجائے گی، خدا کے واسطے، نورالعارفین کی ضمانت کروائیں۔ سائیں! مجھ سے سندھیا کی حالت دیکھی نہیں جاتی۔‘‘
اعجاز نبی شاہ نے اپنے آگے ہاتھ جوڑے بلکتی بیوی کو دیکھا، جو سندھیا کی وجہ سے یہ زہر کے گھونٹ بھرنے پر مجبور ہوگئی تھیں۔
اور اس وقت وہ خاموش رہ گئے، انہوں نے بیوی کو نہیں ڈانٹا، اس کی تربیت سے نقص نہیں نکالے۔ انہیں سندھیا پر بھی غصہ نہیں آیا، غیرت نے ان کے اندر ہمیشہ کی طرح جوش نہیں مارا۔ انہوں نے خاموشی سے سر اثبات میں ہلا کر جھکالیا۔
انہیں پہلی بار پتا چلا تھا کہ بیٹیوں کے باپوں کے سر کیوں جھکتے ہیں، غیرت سے نہیں شاید محبت سے، وہ لوٹ کر سندھیا کے پاس آئیں۔
’’میں نے کہہ دیا ہے، تمہارے باپ کو اور اس نے خاموشی سے سر اثبات میں ہلایا ہے۔‘‘
اسے یہ بات سن کر بے تحاشا شرم آئی، بابا جان نے کیا سوچا ہوگا، میرے بارے میں، یہ میرا دل، اس نے مجھے کتنا مجبور اور ذلیل کر دیا ہے، وہ اک بار پھر آب دیدہ ہوگئی۔
ئ ئ ئ ئ
’’تم نے مجھ سے کہا تھا کہ وہ بالکل ٹھیک ہے، اسے تھانے میں کوئی تکلیف نہیں۔ تم نے کہا تھا کہ ایس ایچ او سے اس کی دوستی ہے، اور ریمانڈ میں اس سے صرف زبانی تفتیش ہورہی ہے، بولو، تم نے یہ سب کہا تھا نا؟‘‘ ماروی اس کے کتنے فون کرنے کے بعد اس سے ملنے آئی تھی، اس لےے کہ اس کا جھوٹ پکڑا جا چکا تھا، اور اب وہ سندھیا کا سامنا کرنے سے گریزاں تھی۔
نورالعارفین کی گرفتاری کے بعد وہ کتنے ہی جھوٹ گڑھ کے اسے مطمئن کرنے کی کوشش کرتی، مگر اس کا درد اور بڑھ جاتا تھا۔
’’بولو ماروی! تم نے کہا تھا نا مجھ سے، کیوں جھوٹ بولا، مجھ سے؟‘‘ وہ نم آنکھوں سے بازو سے پکڑے اس کو جھنجھوڑ رہی تھی۔
’’تم گئی تھیں نا اس کو دیکھنے تھانے؟‘‘ وہ رو دی، اور اس کے تصور میں نورالعارفین کا پھٹا ہوا ہونٹ آگیا۔
’’تم نے کہا تھا کہ وہ بالکل فریش ہے، گلاب کی طرح تروز تازہ، ہاں بس تھوڑی سی شیو بڑھ گئی ہے۔ اور۔۔۔ اور وہ اس میں پہلے سے زیادہ خوب صورت لگ رہاہے۔‘‘ آنسو تواتر سے اس کے رخساروں پر پھسل رہے تھے۔
اس کی دائیں آنکھ کے نیچے چہرے پر شدید چوٹ کا سرخ نشان اس کی نگاہوں میں گھوم گیا۔
اس نے اتنے زخموں کے باوجود اس کو کس طرح مسکرا کر دیکھا تھا۔
وہ اس سے ملاقات کر کے لوٹی تو بہت پریشان ہوگئی۔ سندھیا کا سامنا کیسے کرے گی۔ جب اس نے اپنے اندر اس کا سامنا کرنے کا حوصلہ پیدا کرلیا، تو اس نے ڈرائیور کو اپنے اور سندھیا کے لےے آئس کریم لینے بھیجا، وہ بے تابی سے اس کی منتظر تھی۔
جس جھوٹ کو بولنے کی پریکٹس وہ کتنی ہی بار کر کے آئی تھی، وہ بولنا اس کو سخت مشکل لگا، اس نے آتے ہی آئس کریم پگھل جائے گی کا شور مچایا۔
’’میں کھاتی ہوں، مگر مجھے پہلے اس کے بارے میں بتائو۔‘‘
تب اس نے نظریں نیچے کےے آئس کریم کھاتے سارے گھڑے ہوئے جھوٹ اسے بتادےے۔ اس کے سارے جھوٹ کھل چکے تھے۔ اور وہ مجرم بنی اس کے پاس بیٹھی تھی، اور وہ پگھل رہی تھی، رو رہی تھی۔
’’بولو نا ماروی! کیوں بولا تم نے مجھ سے جھوٹ؟‘‘ وہ گھٹی گھٹی سسکیاں لینے لگی۔
’’اور کیا کرتی؟‘‘ اس کی آنکھیں نمکین پانیوں سے بھر گئیں۔ ’’تمہیں حقیقت بتانا زندہ درگور کرنے کے مترادف تھا، اور مجھے نورالعارفین نے منع کر دیا تھا، تمہیں کچھ بتانے سے۔‘‘ اس نے لب بھینچ کر آنسو پینے کی کوشش کی۔ ’’اس نے مجھ سے کہا تھا، محبت ان عذابوں سے بڑھ کر طاقت ور ہے، جو میں سہہ رہاہوں۔‘‘
’’مجھے سب سچ سچ بتادو ماروی خدا کے لےے۔‘‘
’’ہاں، اس کے چہرے پر، جسم پر زخموں کے نشان تھے، اس کا منہ سوجا ہوا تھا، وہ جب بات کرنے آیا تو لڑ کھڑا رہا تھا سلاخوں کے پیچھے وہ بہت عزم سے پھٹے ہوئے ہونٹوں سے مسکرا یا تھا، رت جگے کا پتا دیتی اس کی آنکھیں محبت کی قوت سے چمک رہی تھیں، اس نے کہا سندھیا کی محبت نے مجھے حالات سے نبرد آزما ہونے کی قوت بخشی ہے۔ سندھیا کے آنسو میری رگوں میں لہو بن کر دوڑتے ہیں، وہ دھیرے سے مسکرایا۔۔۔ محبت میں ہجر کی صعوبتیں اٹھانے والوں کے لئے دنیا کی ہر کٹھن صعوبت اٹھانا مشکل نہیں رہتی۔‘‘
وہ آہستہ آہستہ سے خود کلامی کے سے انداز میں سب کچھ اس کے سامنے اگل رہی تھی، اک خواب ناک کیفیت میں اس کو بتاتی رہی اور وہ دم سادھے، لب کاٹتے سنتی گئی۔
پتا نہیں کیوں محبت انسان کا رشتہ آنسوئوں سے جوڑ دیتی ہے۔ اس نے لب سی لےے،اور آنسو، اس کی محبت کے گواہ، اس کے رخساروں پر گواہی کی مہریں ثبت کرتے رہے۔ محب کی آنکھیں محبوب کا خیال آتے ہی بھیگ جاتی ہیں۔ محب ،محبوب اور محبت ان تینوں لفظوں میں سے ایک نکال دو تو باقی دو لفظ اپنی اہمیت وقعت اور حیثیت کھو دیتے ہیں۔
ئ ئ ئ ئ
اس کے دونوں بہنوئی ضمانت کروانے کی مسلسل کوششوں میں کامیاب ہوگئے تھے، جبکہ زین کی ضمانت کچھ دن پہلے ہی ہوگئی تھی۔ وہ آرام کر رہا تھا۔ اس کی ٹانگ میں بہت شدید چوٹ لگائی گئی تھی، جس کی وجہ سے ٹانگ کی ہڈی فریکچر ہوگئی تھی۔
عدالت میں نورالعارفین کا پاسپورٹ شناختی کارڈ جمع کروایا گیا تھا۔ اس کی ضمانت میں اعجاز نبی شاہ کا اثر و رسوخ بھی کام آیا تھا۔ ٹھیک تین ماہ بعد وہ آزاد ہو کر گھر پہنچا تھا۔ اس کی ماں اس کے غم میں رو، رو کر بیمار پڑ گئی تھی۔ وہ ماں کے پاس سر جھکائے بیٹھا رہا۔
’’اماں! سندھیا کیسی ہے؟‘‘ بی بی آمنہ بے ساختہ مسکرادیں۔
’’ویسی ہی ہے بیٹا!جیسے تم ہو، وہ ہم سے الگ تھوڑی ہے، ہمارے ساتھ ہی تکلیف میں رہی ہے، ویسی ہی بدنامی، ویسی ہی تکلیف، ویسی ہی ذلت، اس نے بھی اٹھائی ہے، جیسی ہم نے۔‘‘
اس کے ہونٹوں پر بہت اداس مسکراہٹ تیر گئی۔
’’اللہ تمہارے دل کی مراد پوری کرے بیٹا!‘‘
’’آمین۔۔۔ اماں آمین۔‘‘ ا س نے بے ساختگی سے ماں کے ہاتھ چوم کے آنکھوں سے لگائے تھے۔
’’اللہ کرے، مرتضیٰ بھی خیریت سے ہو۔ پتا نہیں کہاں ہے؟ کس حال میں، میرے بھائی کا بیٹا ہے، اللہ تعالیٰ میرے بھائی کا کلیجہ ٹھنڈا رکھے، آمین۔‘‘
’’ہاں۔ خدا کرے وہ واپس آجائے، اور ہم اس الزام سے بری ہوجائیں، اماں آپ یقین کریں، ہم ایسا سوچ بھی نہیں سکتے، ماما نے خوامخواہ ہی ہم کو ذلیل کیا ہے۔‘‘
’’مجھے یقین ہے، میرے بیٹے کوئی غلط قدم نہیں اٹھا سکتے۔‘‘ انہوں نے اس کی پیشانی چوم کر مان سے کہا۔
ماروی نے فون کر کے اسے آزادی کی مبارک باد دی تھی۔ اور کہا تھا کہ وہ کوشش کرے گی کہ سندھیا سے اس کی بات کرادے۔ وہ اک اک گھڑی گن رہا تھا، کب ماروی آفس سے فارغ ہو کر رات کو سندھیا کے پاس جائے گی، اور اپنے موبائل سے بات کروائے گی۔ اس خوشی میں کھانا بھی اچھا نہیں لگا تھا، چند نوالے لے کر وہ اٹھ گیا۔
اند رآکر اس نے کنڈی لگائی تھی، اور سیل اٹھا کر اس پہ نظریں جمائے بیٹھ گیا۔
وہ اس کی مسحور کن آواز سنے گا، وہ آواز جس نے پہلی بار میں ہی اس کو اپنی طرف کھینچ لیا تھا۔ جکڑ لیا تھا۔
ئ ئ ئ ئ
نورالعارفین آگیا تھا، یہ خبر اس وقت اتنی اہم تھی، اس کے لےے کہ باقی ساری باتیں بے معنی ہو کر رہ گئی تھیں۔
ماروی نے اسے فون کر کے مبارک باد دی تھی، اور کہا تھا کہ رات کو گھر آ کے کوئی خوش خبری دوں گی، وہ اس کے لےے کھانا بنوانے لگی۔ اس نے انیسہ کو دال چاول کے ساتھ شامی کباب اور پکوڑے بنانے کو کہہ دیا تھا۔
وہ آئی تو مٹیاری کی مشہور آئس کریم اور ماوا لے کر آئی، سندھیا کو دیکھتے ہی اس کے ہونٹوں پر بڑی جان دار مسکراہٹ آئی تھی۔
’’کیسی ہو؟‘‘ وہ اس کے گلے لگی۔
’’ٹھیک ہوں۔‘‘ وہ بہت دنوں بعد کھل کے مسکرائی۔
’’تم یہ نکالو، تب تک میں جیجی سے مل کے آتی ہوں۔‘‘ وہ اسے شاپرز تھما کے جیجی کے کمرے کی طرف بڑھ گئی۔
’’السلام علیکم جیجی!‘‘ اس نے جھک کر ان کا ہاتھ چوما۔
’’وعلیکم السلام۔‘‘ انہوں نے پیار سے اس کے گال تھپتھپائے۔
’’اماں اور نانی کیسی ہیں؟‘‘ جیجی نے مسکراتے ہوئے حال دریافت کیا۔
’’بالکل ٹھیک ہیں جیجی! آپ کو سلام کہہ رہی تھیں۔ اور آپ کو بہت مبارک باد ہو، نورالعارفین کی آزادی کی۔‘‘
’’خیر مبارک، خیر مبارک، اللہ کا شکر کہ بچہ آگیا، بس اب تو رات دن یہی دعا ہے کہ مرتضیٰ خیریت سے واپس آجائے۔‘‘
’’جیجی ! فکر نہ کریں، وہ بھی آجائے گا۔‘‘
’’آمین۔۔۔۔ آمین، اللہ وائی اگھائے۔‘‘ (بات پوری کرے۔)
’’اچھا جیجی! آپ نماز پڑھیں، ہماری آئس کریم گھل جائے گی۔‘‘
’’ٹھیک ہے، بیٹا ٹھیک ہے۔‘‘
وہ تیزی سے سندھیا کے کمرے میں آئی اور اندر سے کنڈی لگالی، سندھیانے اسے استعجاب سے دیکھا، مگر چپ رہی۔
’’بی بی صاحبہ! آپ نے اس خوشی میں منہ میٹھاکیا۔‘‘
وہ اس کے انتہائی مؤدبانہ انداز پہ ہنس دی۔ ’’ہاں کر لیا۔‘‘
’’چلیں ٹھیک ہے۔ ‘‘ اس نے بیگ سے سیل فون نکال کے کوئی نمبر ملایا، اور فون اس کی طرف بڑھا کر آنکھ ماری۔
وہ ہمیشہ سے اس کے آنکھ مارنے پر چڑتی تھی۔ مگر اس وقت بے ساختہ اس کے لبوں پر مسکراہٹ دوڑ گئی تھی، اس نے سیل فون پکڑ لیا، وہ اس کی گھبراہٹ سے محظوظ ہوتے واش روم میں چلی گئی تھی۔ تاکہ وہ کھل کر بات کر سکے۔
اور وہ ہمہ تن گوش بن گی، سب بھول گئی کہ اس سے کیا کہنا تھا۔ وہ داستانِ ہجر جو اسے سنانی تھی۔ اس کی یاد کی تڑپ، محبت کے انوکھے احساسات، اس کے خیال کا جوبھن، سب کہنا بھول گئی۔ہر وہ بات جو اس نے اس کو بتانے کے لےے دل میں سنبھال کر رکھی تھی، اس کی آواز سنتے ہی وہ سب باتیں اَن دیکھے کونوں کھدروں میں چھپ گئیں، اس کے پورے وجود میں اس کی آواز کی سرشاری پھیلتی چلی گئی۔ اس نے ایک ہاتھ دل پہ رکھ لیا، جیسے اسے باہر نکلنے سے روک رہی ہو، اسے یہ خوشی تھی کہ وہ اس سے مخاطب ہے، اس سے بات کر رہا ہے، اپنے ہجر کی اذیتیں بیان کر رہا ہے، اس کے لےے اٹھانے والی صعوبتوں کو انتہائی معمولی تکلیف بتا رہا ہے۔ اس نے بے خودی سے آنکھیں بند کرلی تھیں، وہ اسے سنتے کسی کو دیکھنا بھی نہیں چاہتی تھی، مبادا کہیں اور نہ متوجہ ہوجائے، اس کی اک اک بات اس کی یادداشت میں محظوظ ہوتی گئی۔
’’کچھ تم بھی تو بولو۔‘‘
وہ خاموش ہوگئی، ساری باتیں تو اس کی حیات دینے والی آواز سن کر ہی بھول بیٹھی تھی، اب کیا بات کرے؟
’’میں تمہیں سننا چاہتا ہوں۔ سندھیا!‘‘
اس کی آنکھوں میں نمی تیر گئی، شاہ سائیں کابیت پوری کاملیت سے اس کے حافظے پر مسکرا رہا تھا۔
چیتارے، چوندیاس، گالھیوں، سبھی، سجنیں
جے مقابل تھیاس، تے سبھ ونجنم و سریو
(یاد کر کے ہر اک بات سجن سے کہوں گی، سب کچھ بتائوں گی، مگر جب اس کا سامنا ہوتا ہے تو سب کچھ بھول جاتی ہوں۔)
اس نے دھیمے لہجے میں بیت پڑھا تھا۔ اور نور العارفین کی خوشی سے سرشار ’’واہ سائیں واہ!‘‘ کی آواز اس کی سماعتوںسے ٹکرائی۔ امینہ دروازے پر کھانا لے کر کھڑی تھی، اس نے جلدی سے اللہ حافظ کہہ کر فون بند کر کے واپس ماروی کے بیگ میں رکھا، اور دروازہ کھول دیا۔
ماروی واش روم سے باتھ لے کر نکلی تھی، وہ ابھی تک اس کی آواز میں گم تھی۔ عجیب محویت ہوتی ہے محبوب کی ہر چیز ہر بات کے ساتھ۔
’’کہاں ہو جیجی! کس وادی کی سیر کر رہی ہو، ابھی تک؟‘‘ ماروی نے تولیہ سے ہاتھ پونچھتے جھک کر شرارت سے کہا۔ اس نے ہنس کر اک مکا اس کے شانے پر رسید کیا۔
’’واہ، اچھا صلہ دیا۔‘‘ وہ گنگنانے لگی، وہ بے ساختہ ہنسی، اور پلیٹوں میں کھانا نکالنے لگی۔
مگر اس کی ساری بھوک اس سے بات کرنے کی خوشی میں اڑ گئی تھی، اس نے صرف ماروی کی خاطر چند نوالے لےے اور ہاتھ کھینچ لیا۔
’’کیوں اتنا جی بھر گیا اس سے بات کر کے کہ کھانا بھی اچھا نہیں لگ رہا۔‘‘ ماروی نے شامی کباب اٹھا کر ہنستے ہوئے کہا۔
وہ ہنس دی اس کی بات سن کر۔
کیسی ہے یہ محبت بھی؟ ہجر کی شدت ہو تو بھی کچھ اچھا نہ لگے، بات کرنے کی خوشی ہو تب بھی کچھ نہ بھائے، اور کوئی اس کا نام لے تو بھی میرے چہرے پر مسکراہٹ پھیل جائے۔ کیا انوکھی کیفیات ہیں۔ کیا عجیب ہے یہ محبت بھی۔
ئ ئ ئ ئ
مرتضیٰ خود بخود واپس آگیا تھا۔
اعجاز نبی شاہ یہ خبر سن کر مبارک باد دینے گئے تھے اور انہوں نے پوچھا تھا ’’کیا تمہیں کسی بھی طرح سے لگتا ہے کہ تمہارے اغوا میں نورالعارفین ملوث ہے؟‘‘
’’مجھے کچھ علم نہیں۔‘‘
’’اغوا کرنے والوں میں سے کسی کو پہچانتے ہو؟‘‘
’’نہیں میں کسی کو نہیں جانتا، وہ لوگ جہاں مجھے بٹھا کے گئے، وہاں اک بوڑھی عورت کھانا دینے آتی تھی، اور کبھی کبھی اک نقاب پوش آکے کہتا، یہاں سے بھاگنے کی کوشش نہ کرنا۔ ورنہ تمہیں گولی ماردیں گے۔ اک بار میں نے پوچھا بھی کہ آخر مجھے کیوں اغوا کیا ہے تم لوگوں نے۔ اس نقاب والے آدمی نے کہا کہ آئندہ یہ سوال ہی نہ کرنا، ورنہ تمہیں جو اتنی شرافت سے رکھا ہے، پھر نہیں رکھیں گے۔‘‘ وہ یہ بات سناتے بھی خوف زدہ تھا۔
’’پھر بھی کسی پر کوئی شک، اور اتنے مہینوں بعد تمہیں خود ہی کیسے چھوڑ دیا؟‘‘ اعجاز نبی شاہ نے استفسار کیا۔
’’چاچا سائیں!میرا کسی پر کوئی شک نہیں ہے، ہاں اس دن وہ نقاب والا آیا تو مجھے دیکھ کر خاموشی سے چلا گیا۔ مگر دروازہ کھول گیا، اس کے کچھ دیر بعد وہ بوڑھی عورت آئی اور کہا، ’’آج رات وہ لوگ دیر سے آئیں گے، کسی بڑی واردات پہ گئے ہیں، اور غلطی سے دروازہ کھلا چھوڑ گئے ہیں، تم اگر نکلنا چاہو تو بھاگ نکلو ، دائیں طرف جانا، اک کچّی پگڈنڈی کسی گائوں کے روڈ سے ملتی ہے، وہاں سے تمہیں کوئی نہ کوئی سواری مل جائے گی۔‘‘
میں نے اس سے کہا۔ ’’وہ واپس آکر تمہیں ماریں گے۔‘‘ تو اس نے کہا کہ ’’نہیں میں تو سوئی ہوئی تھی، غلطی ان کی تھی کہ مجھے جگایا بھی نہیں اور خود ہی دروازہ کھلا چھوڑ گئے، میں کہوں گی کہ وہ اس کا فائدہ لے کر بھاگ گیا، اور ویسے بھی تمہیں تو وہ غلطی سے اٹھا کر لائے تھے۔ انہیں اٹھانا تو کوئی اور بندہ تھا، تمہیں چھوڑ اس لےے نہیں رہے تھے کہ کہیں تم مخبری نہ کردو۔‘‘
اس بوڑھی عورت نے مجھے دو سو روپے بھی دےے اور کہا، خبردار! کسی سے اس علاقے کا پتا نہ پوچھنا، بس کوئی بھی سواری ملے تو اسے اپنے علاقے کا بتانا، پھر میں نے ایسے ہی کیا چاچا سائیں!‘‘
اعجاز نبی شاہ نے غور سے اسے دیکھا، وہ پہلے سے زیادہ کمزور اور سانولا نظر آرہا تھا، جو بھی بتا رہا تھا، اس سے کسی پر بھی شک ظاہر نہیں ہوتا تھا۔
’’میرے خیال میں اسے واقعی نورالعارفین نے اغوا نہیں کرایا۔‘‘
’’ادا! کروا بھی تو سکتا ہے، اب وہ ظاہر تھوڑی ہوگا۔‘‘
’’حسن علی! شک کی بنیاد پر وہ بہت سزا کاٹ چکے، بغیر کسی ثبوت کے تم کیس کو جاری نہیں رکھ سکتے، تمہارے حق میں یہی بہتر ہے کہ کیس واپس لے لو، ورنہ وہ لوگ بھی جھوٹے کیس کرنے کے الزام میں تم کو گرفتار کروا سکتے ہیں، کب تک دونوں عدالتوںکی پیشیاں بھرتے رہو گے، کل ہی وکیل سے مل کر بات کرو، اس سلسلے میں۔‘‘ وہ کہتے ہوئے جانے کے لےے اٹھ کھڑے ہوئے۔
’’ٹھیک ہے ادا! آپ کا حکم سر آنکھوں پر ، میں کل ہی وکیل سے ملتا ہوں۔‘‘
’’شکر کرو، تمہارا بیٹا زندہ سلامت واپس مل گیا، اور اس پر کسی قسم کا تشدد بھی نہیں کیا گیا ہے۔‘‘
’’جی ادا! اللہ سائیں کا احسان ہے مجھ پر۔‘‘ وہ انہیں چھوڑنے دروازے تک آیا۔
’’اچھا ادا اللہ واہی (نگہبان) دعائوں میں یاد رکھےے گا۔‘‘
وہ جھک کر اعجاز نبی شاہ سے بغل گیر ہوا۔
’’اللہ سائیں تمہیں آباد رکھے، سدا خوش رہو۔‘‘ اعجاز نبی شاہ نے اس کے شانے پر ہاتھ رکھ کر شفقت سے کہا تھا۔
ئ ئ ئ ئ
کیس ختم ہونے کے بعد نورالعارفین کو سفری دستاویز واپس مل گئی تھیں، اور وہ چھ ماہ بعد اس سے بغیر ملے چلا گیا، وہ کیسے ملتی اس سے، ان دونوں کا ایک دوسرے کے گھر آنا جانا بند تھا، بلکہ پھوپھو جان، شہزین وغیرہ بھی بہت کم آتیں، وہ بھی جیجی سے ملنے کے بہانے، مگر نور العارفین کی بے گناہ قید کے بعد ان کے گھرانے کا رویہ پھوپھو آمنہ والوں کے ساتھ نرم ہوگیا تھا۔
شہزین نے اپنے سیل سے اس کے جانے سے اک دن پہلے بات کروائی تھی، مگر وہ صرف نم آنکھوں سے اس کو سنتی رہی۔ اس سے بات ہی نہ ہوسکی، اس کی کیفیت عجیب ہوگئی، جس دن وہ جارہا تھا، اس دن وہ سارا دن بولائی بولائی چکرائی سی پھرتی رہی۔ وہ سب کو اس ایئرپورٹ سی آف کرنے گئے تھے۔
وہ اداسی سے باہر صحن میں نکل آئی، کھڑکی سے تالے کو ہٹا دیا گیا تھا، کتنی بے اعتمادی کا مظاہرہ تھا اس کے وجود پر گو کہ بظاہر اس کو کوئی کچھ نہیں کہتا تھا، مگر نظروں کے کڑے پہرے اس کو بہت کچھ باور کراتے تھے۔
’’سندھیا بیٹا! صحن میں نہیں جانا۔‘‘ کتنا نرم لہجہ ہوتا تھا، اس کی ماں کا، اور وہ صحن میں پائوں نہیں دھرتی۔
’’سندھیا رانی دھئی، فون استعمال نہیں کرنا، تمہاری دوسری امی بہت چبھتی نظروں سے دیکھتی ہے مجھے۔‘‘ کتنی بے بس ہوتی تھی اس وقت ان کی آواز، اور وہ فون کے قریب بھی نہ جاتی، اس کا اک اک قدم پابندیوں میں جکڑا ہوا تھا۔
وہ پریشان ہو کر جیجی کے پاس آئی تھی، جیجی نے اس کی حالت دیکھ کر بہت لمبی اور سرد آہ بھری تھی۔ سندھیا نے خاموشی سے سر ان کی گود میں رکھ دیا، اس کے چاروں طرف سکوت تھا، اور جیجی اس سکوت کا راز جانتی تھیں۔ وہ بہت پیار سے، چائو سے اس کے بالوں پر، سر پر ہاتھ پھیرتی رہیں۔
وہ باہر آگئی تھی۔
ہال نما برآمدے کے جھولے میں اس کی دوسری ماں امینہ سے بات کر رہی تھی۔
’’بیٹے کی جدائی پر جیجی آمنہ بہت پریشان ہے، رو رہی ہے۔‘‘ امینہ اپنے مخصوص انداز میں ہاتھ کمر پر رکھ کر بولی۔
نغمہ نے طنزیہ نظروں سے سندھیا کو دیکھا۔
’’ہاں ادی! آمنہ کا تو ہے بیٹا،مگر اس بھلے لڑکے کے لےے اور لوگ بھی پریشان ہیں، روتے ہی رہیں گے ساری عمر اس کے لےے۔‘‘
اس کے طنزیہ اور استہزائیہ انداز پر وہ کٹ کے رہ گئی۔
بی بی عطیہ نے غور سے سوکن کو دیکھا۔ اور سندھیا کو یوں ڈائریکٹ نشانہ بنانے پر ان کو بے تحاشا غصہ آیا تھا۔
’’اب شرفائ کا دور تولد گیا، کنجریوں کا دور ہے، پیسہ بھی ان کے پاس، عزت بھی ان کے پاس، شہرت بھی ان کے پاس، شریفوںکے لےے تو بس رونا ہی ہے آج کل، حلال روٹی کے لےے خوار ہوتے پھر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے بہت دنوں بعد تاک کے اس پہ وار کیا تھا۔ نغمہ کے تن بدن میں آگ لگ گئی۔
’’ہاں، ہاں ہم تو ہیں ہی ذلیل خوار، مگر شریفوں کے طور طریقے بھی اب بدل رہے ہیں، شہ دیتے دیتے لکڑی سے درخت بنا دیا بیٹی کو۔‘‘
’’ہاں بس کیا کریں۔‘‘ بی بی عطیہ نے ٹھنڈی آہ بھری۔ ’’جب گھنگرو اور ڈھولک حویلیوں میں در آئیں، تو کچھ تو صحبت رنگ لائے گی نا!‘‘ آج انہوں نے بیٹی کے دفاع میں سوکن کی زبان میں ہی بات کرنے کی ٹھان لی تھی۔
سندھیا نے حیرت سے ماں کو دیکھا تھا، پھر ماں کی سوکن کو، جو آج بی بی عطیہ کے اس طرح سے بات کرنے پہ دم بخود تھی۔ نور العارفین کی یاد اس لمحے اس سے دور بھاگ گئی تھی۔ وہ اس جنگ، دنگل کو پریشانی سے دیکھنے لگی۔
’’تو بچانا تھا نا اپنی بیٹی کو۔‘‘ وہ تلملا گئی۔
’’صحیح کہتے تھے بزرگ کہ تخم تاثیر، صحبت کا اثر، مگر کیا کروں، انوار کے باپ نے کچھ بھی نہ سوچا۔‘‘ بی بی عطیہ آج سارے جملوں کا حساب بے باق کرنے کے موڈ میںتھیں۔ سندھیا جو ہمیشہ ماں کو اس کے طنز پر شرم سے پانی پانی ہو کر صبر کے نہیں زہر کے گھونٹ بھرتے دیکھتی تھی۔ آج استعجاب سے ان کے بدلے ہوئے روپ کو دیکھ رہی تھی، وہ اس کے لےے سینہ سپر ہو کے میدان میں کود پڑی تھیں۔ اس کے دل کو بے تحاشا ڈھارس ملی تھی، یہ معرکہ ابھی چلنا تھا۔ وہ اٹھ کر اپنے کمرے میں آگئی۔ پریشانی سے رونے میں اور شدت آگئی۔ دل کی دھڑکن تیز ہوئی وہ اوندھے منہ بیڈ پر پڑی ہوئی تھی اور اس کی یاد سہج سہج چلتی ہوئی آرہی تھی، اس نے روتے روتے بھی اس کو دیکھتے ہی مسرت و انبساط سے آنکھیں موند لیں۔
’’کہاں چلی گئی تھی پگلی۔۔۔؟؟‘‘ اس نے تھوڑی سی ناراض یا دکو پکڑ کر دل کے پٹ وا کر کے بٹھایا۔’’میری طرح پریشان ہوگئی تھی پیاری۔۔۔؟ اور دل سے نکل کر بھاگنے لگی، ایسا نہیں کرتے یادِ یار۔۔۔۔ یہ جھگڑے تو چلتے رہتے ہیں، اور تم اتنی سی بات پر گھبرا جاتی ہو۔۔۔ اُف ابھی تک ناراض ہو۔۔۔؟ ہاں سوری یار! میں اس وقت لفظوں پر لہجوں پر غور کرنے لگی۔ پہلی بار تو میری ماں میرے حق میں بولی تھی۔ میں خوشی و حیرت سے انہیں دیکھنے لگی۔ اور تم سمجھی میں تم سے بے گانہ ہوگئی۔ ایسا نہیں ہوسکتا پگلی۔‘‘ اس نے دستِ یاد کو محبت سے تھاما۔ ’’دیکھو یہ جو تمہاری جگہ ہے نا! تم عارضی طور پر روٹھتی ہو، تو بھی خالی ہی رہتی ہے۔ تمہاری جگہ بھرتی نہیں۔۔۔‘‘ وہ مگن ہوگئی یاد سے باتیں کرنے لگی آنکھیں بند کر کے۔
’’اُف کون سا میں تمہیں بھول جاتی ہوں، میں تو دل میں بٹھا کر مطمئن ہوتی ہوں کہ تُو محفوظ ہے ظالم نظروں سے۔۔۔ حاسد جذبوں سے۔۔۔ نظر مارنے والی آہ سے۔۔۔ اور تُو ناراض ہو کر دل کے کواڑکھول کر مجھ سے دور جانے کے چکر میں رہتی ہے۔ آخر ہو نا ’’اسی بے وفا کی یاد‘‘ جو مجھے چھوڑ کر ’’دور‘‘ بیٹھا ہوا ہے۔ جو ہمیشہ مجھے تڑپاتا ہے اور تجھ پر بھی تو اس کی پرچھائیاں ہیں نا، تبھی تُو بھی اس جیسی بننے کی کوشش کرتی ہے۔ میں نے دن رات اس پیار کی دشمن دنیا میں کتنی حفاظت کی ہے تیری۔ اس نفرت کے سماج میں، جہاں پر کوئی نفرت کا بیج بورہا ہے، لفظوں کے تیروں سے گھائل کر رہا ہے۔ میں نے کس کس طرح کون کون سے جتن نہیں کےے تمہاری حفاظت کے اور تو عیاں ہونا چاہتی ہے دنیا کی ظالم نظروں میں۔ یہ دنیا تیری دشمن بن جائے گی، جیسے محبت کی بن گئی ہے اور تجھے بھی محبت کی طرح سنگسار کرنے لگے گی۔ تجھے بھی طعنوں کے نشتر سے چھلنی کرے گی اور مجھے بھی نشانے کی زد پر رکھے گی۔ پاگل دیوانی مجنوں کہنے لگے گی۔ اور میری ہم نشیں یہ لوگ تیرے عیاں ہونے پر ہم دونوں کو جینے نہیں دیں گے، اس لےے کہتی ہوں تو میرے دل کے قلعے میں چھپ کر بیٹھی رہ، دنیا کے سامنے نا آ۔
تیری پناہ گاہ یہ میرا قلب ہے۔ اور میرے قلب کی ’’رونق‘‘ تیرے ہی دم قدم سے آباد ہے۔ میرا دل تمہاری وجہ سے سنورا ہوا ہے، یہ تمہارا مسکن ہے کیونکہ تم میری محبت کی پہچان ہو۔ تم کبھی ’’اس‘‘ کا ’’تصور‘‘ اوڑھ کر آتی ہو کبھی اس کا ’’خیال‘‘ پہن کر آتی ہو تم اس ’’تمنا‘‘ کا خیال ہو جس کے پیچھے میں عمر بتائے جارہی ہوں۔ سسی کی طرح میرے وجود سے بھی لہو بہہ رہا ہے۔ میرے پیر عشق کے اس کڑے سفر میں لہو لہان ہوگئے ہیں۔ میرا وجود ہجر کے لمبے پہاڑوں پر گھسٹ گھسٹ کر اپنی ساری طاقت گنوا چکا ہے۔ ان فراق کے پتھروںنے آبلہ پا کر دیا ہے مجھے اور اب میں محبت کے شہر بھنبھور سے نکل کر، عشق کے کیچ مکران کی طرف جارہی ہوں، میرا پنہوں مجھ سے دور ہے اور راستے میں چرواہے کی نظریں مجھ پر ہیں۔ اور میرے پنہوں میں کیسے بچائوں خود کو؟ میرے لےے تو نا زمین شق ہوتی ہے۔ ہجر نما زندہ مدفن تیرے نام پر قبول ہے ’’چرواہے‘‘ کے نام پر نہیں۔ چرواہے سے باندھ کر تو وہ مجھے زندہ درگور کردیں گے۔ کہاں ہو میرے پنہوں؟ کتنا لمبا سفر تیرے لئے اکیلا کاٹا ہے۔ کتنی سختیاں سہی ہیں اور پھر بھی تو نزدیک نہیں آتا۔ میرا راستہ طویل سے طویل تر ہورہا ہے۔ اب تو چلنے کی سکت بھی نہیں رہی، میرے پائوں ذرات میں تبدیل ہورہے ہیں۔ میرا پورا وجود طوفانی ’’تقسیم‘‘ کی ہوائوں کی زد پر ہے ، اللہ۔۔۔!‘‘ آہ بھری سانس لی۔
اس کا پورا وجود آنسوئوں سے بھیگ گیا۔ وہ پلنگ پر ساکت سی پڑی ہوئی تھی۔ اس کا دل آہوں کے بالن پر چڑھا ہوا تھا۔ اور یاد اپنی جگہ چور سی بن گئی۔ اس کے ویران وجود اور نمکین پانیوں میں ڈوبتے چہرے کی وہی تو ذمہ دار ہے۔ اس کے وجود میں جیسے جان نہ رہی۔ غم نے اس کی توانائی کو نچوڑ لیا۔ اسے بے جان کر دیا تھا۔ وہ آنکھیں موندے پڑی رہی۔
ئ ئ ئ ئ
اس نے جب سے سنا تھا کہ چاچا حسن علی اس کی شادی کی تاریخ پکی کرنے آرہے ہیں، اس کے آنسوئوں پر بندھا ہر بندھ ٹوٹ گیا تھا۔ اس کی نمازیں پہلے سے لمبی ہوگئیں۔ اس کے تہجد بہت جلد رات کے پہلے حصے میں ہی شروع ہونے لگے، وہ یا مصلّے پر ملتی، یا تسبیح پڑھتے یا روتے،ا س نے دعا کو تقدیر کے ہاتھوںپر دھر دیا تھا۔
اس نے پہلی بار جیجی کے سامنے زبان کھولی تھی۔
’’جیجی! بابا جان سے کہیں، مجھے اپنے ہاتھوں سے قتل کردیں، مگر یوں زندہ درگور نہ کریں۔‘‘ اس نے روتے، بلکتے ان کے پائوںپکڑ لےے۔
’’جیجی! آپ نے بھی تو شادی نہیں کی، ساری عمر ایک ہی نام پر بیٹھی رہ گئیں نا، مجھے بھی نہیں کرنی شادی۔‘‘
بوڑھی جیجی کے سینے میں پڑے پرسکون دل میں ہلچل سی مچ گئی،وہ تو نکاح کے نام پر بیٹھی رہ گئی تھیں، اور ان کی آنکھوں میں خواب سجانے والا، سپنے رکھ کر گیا تو تعبیر دینے کے لےے واپس نہ لوٹا، لندن میں کسی گوری کا اسیر ہوگیا۔ جیجی نے عمر گنوا دی اس کے نام پہ۔
جیجی نے اپنے کانپتے ہاتھوں سے اسے بھینچ کر سینے سے لگایا۔
’’جیجی! میں شادی نہیں کروں گی، ساری عمر اسی چوکھٹ پہ بیٹھی رہوں گی، مگر بابا جان کو کہیں مجھے سولی پہ نہ لٹکائیں۔‘‘
جیجی آہستہ آہستہ اسے تھپکتی رہیں، آج ہی تو اعجاز نبی شاہ ان کو اطلاع دینے آئے تھے کہ حسن علی کل شادی کی تاریخ طے کرنے آرہا ہے، اور انہوں نے کہا تھا۔ ’’نہیں اعجاز نبی شاہ! ابھی ٹھہر جائو، کچھ عرصہ اس کام کو ملتوی کردو، بچی ابھی سنبھلی نہیں۔‘‘
اعجاز نبی شاہ کا چہرہ سرخ ہوگیا تھا۔ ’’جیجی! وہ میری بیٹی ہے، میرے فیصلے سے سر نہیں نکال سکتی۔‘‘
’’ہاں اعجاز نبی شاہ! وہ تمہاری ہی بیٹی ہے، تمہاری خامیاں اور خوبیاں اس کے اندر بھی موجود ہےں۔ ’’جیجی نے دھیرے سے کہا۔ ’’اور شکر کرو کہ ابھی زبان نہیں کھولی، نمک کی طرح گھل رہی ہے۔‘‘
اعجاز نبی شاہ خاموشی سے چند لمحے جیجی کو تکتے رہے، پھر اٹھ کر چلے گئے تھے۔ جیجی کے لہجے نے انہیں بہت کچھ یاد دِلا دیا تھا۔
اور آج سندھیا نے زبان کھول لی تھی۔
’’صبر کرو، میرے بچے! اللہ جو بھی کرے گا، بہتر ہی کرے گا۔‘‘
آدھی رات کو اٹھ کر اس نے وضو کیا اور تہجد پڑھنے لگی، اس کے ربّ سے راز و نیاز شروع ہوگئے تھے۔
ئ ئ ئ ئ
انہیں نیند نہیں آرہی تھی، بار بار جیجی کا چُبھتا ہوا لہجہ یاد آتا، وہ تمہاری ہی بیٹی ہے، اعجاز نبی شاہ، کیا اس کے اندر واقعی میری شدّتیں آئی ہیں۔ ان کی آنکھیں بند تھیں، بظاہر وہ سو رہے تھے، نغمہ سے اس وقت وہ بات نہیں کرنا چاہتے تھے، اس لےے مگر وہ سوچ میں ڈوبے تھے۔
رات کو پتا نہیں کون سا پہر تھا، جب بجلی چلی گئی، اے سی بند ہوگیا تھا، وہ اٹھے کہ انوار نبی کو اٹھا دے کہ جنریٹر چلا دے، وہ سندھیا کے کمرے کے قریب ٹھہر گئے۔ اندر سے آوازیں آرہی تھیں۔ ’’وہ کس سے باتیں کر رہی ہے اس پہر؟‘‘ ان کا دل خوف سے کانپا، وہ بالکل دروازے سے لگ کر کھڑے ہوئے، رات کے سنّاٹے میں اس کی آواز بخوبی سنی جاسکتی تھی۔ شاید بے خودی میں اس کی آواز بلند ہوگئی تھی۔ ’’یا اللہ! رحم کر مجھ پر، رحم کر۔۔۔‘‘ اس کی گھٹی گھٹی سی سسکیاں ابھری۔ ’’اللہ سائیں! تُو تو جانتا ہے نا، میرے دل کی مرضی، میرے من کا بھید۔ یہاں کوئی نہیں جانتا کہ میں اس کے بنا نہیں رہ سکتی۔ مگر تُو تو جانتا ہے مالک سائیں۔ مجھے اس کا وصل عطا کر دے یا۔۔۔ مجھے موت دے دے۔ وہ نہیں تو زندگی جینے کی کوئی امنگ نہیں۔ اب ہجر سہا نہیں جاتا۔
اللہ سائیں! میرے مالک تجھے علم ہے کہ بابا جان میرے وجود کو رہن، میری سانسوں کو گروی رکھنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اور میں انہیں جواب نہیں دے سکتی۔ انکار نہیں کر سکتی۔ اب میں مرنا چاہتی ہوں۔ میرا وجو دتھک چکا ہے، اس زندگی کو گھسیٹتے گھسیٹتے، تُو مجھ پر رحم کر دے۔‘‘
اور اللہ سے اس کے راز و نیاز سن کر اعجاز نبی شاہ لڑکھڑا گئے، ان کا سر چکرا گیا تھا، جیجی کے جملوں کی باز گشت بہت بڑھ گئی، وہ بھول گئے کہ وہ انوار نبی کو اٹھانے آئے تھے، وہ اس کے کمرے کے آگے سے گزر کے وہیں پڑے ہوئے جھولے میں بیٹھ گئے۔ اور اپنی محبت و جنون ان کے آگے آ کھڑا ہوا۔ یہ زیادہ دور کی بات تو نہیں تھی کہ ان کی یادداشت میں ماند پڑتی۔
وہ اپنے چچا زاد کی شادی میں گئے تھے اور لائوں دینے کی رسم میں ان کو اندر لے جایا گیا، وہ لائوں دے کر واپس جانے کے لےے پلٹے تھے کہ وہ ناچتی ہوئی ان کے سامنے آکھڑی ہوئی، اس کا پھرتی سے لچکتا ہوا بدن گیت کے ایک ایک جملے کا عکس بنا ہوا تھا، اس نے خوب صورت مسکراہٹ ان کی طرف اچھالی۔
انہوں نے جیب میں ہاتھ ڈالا اور جتنے پیسے ان کے ہاتھ میں آئے، نکال کر اس کو دے دےے، لیکن وہ خالی سینہ لے کر لوٹے تھے، دل تو ان کا اس کے گھنگھروئوں میں اٹک گیا تھا۔
وہ ہالا کی مشہور گانے والی تھی۔ وہ محفل کی جان تھی، جب ناچتی تو نوٹوں کی ڈھیر لگ جاتے، گھنگھروئوں میں نہ جانے کتنے دل اٹکے رہ گئے تھے، مگر وہ آج تک کسی کے ساتھ اٹک نہ سکی۔اس کی مغروریت کی شہرت ہر جگہ پھیلی تھی۔ وہ اپنی مسکراہٹ اچھالنے کے لےے بھی لوگوں کا چنائو کرتی۔ مومل کی طرح بہت سے شہزادوں کو بابو بھکاری بنا چکی تھی۔
اس کا روپ اور اس پہ نخرے مردوں کے دل اتھل پتھل ہوجاتے۔ وہ دوسری صبح اس کی چوکھٹ پہ جا کے بیٹھ گئے۔
’’سائیں! سنا ہے تُو تو بال بچوں والا ہے۔‘‘ ڈھولک بجانے والی موٹی سی منگھرار نے ہنس کر کہا۔
’’ہاں ہوں، مگر اب نغمہ کو بھی اپنی بیوی بنانا چاہتا ہوں۔‘‘ اس نے کوئی لگی لپٹی رکھے بغیر مدعا بیان کیا۔
وہ موٹی سی عورت جس نے اسے پالا تھا، طنزیہ ہنسنے لگی۔
’’سائیں! پہلے تو اس کے لےے نغمہ کی رضامندی ضروری ہے۔ پھر بعد میں ہماری بھی کچھ شرائط ہوں گی۔‘‘
’’مجھے ہر شرط قبول ہے۔‘‘
’’دیکھےے سائیں! نغمہ کوئی کوٹھے کا ہیرا نہیں کہ جو جب اور جس وقت چاہے، اپنی انگوٹھی میں فٹ کرلے، اسے دلہن بنانا ہی چاہتے ہو تو پھر وہ آپ کی حویلی کی زینت بنے گی۔ آپ اس کو وہی عزت دیں گے، جو کہ آپ کے شایانِ شان ہے۔‘‘ اس نے ہاتھ لہرا کر کہا۔
’’ہاں میں اسے اپنی حویلی لے جائوں گا، تم بے فکر رہو۔‘‘
وہ نغمہ کے ناز اٹھانے لگے، عنایات کی بارش کر دی، اٹھتے، بیٹھتے، کھاتے، پیتے انہیں صرف وہی ہی نظر آتی تھی۔
اس نے پہلی بیوی کو طلاق دینے کی شرط رکھ دی تھی، اور یہ پہلی شرط تھی، جس کو ماننے سے انہوں نے انکار کر دیا تھا۔
’’میرے دو بچے ہیں، وہ ان کی ماں ہے، میں چاہوں بھی تو اسے طلاق نہیں دے سکتا، کیونکہ جیجی مجھے چھوڑ سکتی ہے، مگر اپنی بھابھی کو نہیں، عطیہ اس کے ہاتھوں کی پلی ہے، چچا زاد ہے میری، اور میں اپنے خاندان پہ دھبّا نہیں لگا سکتا۔‘‘
اس کی یہ شرط ختم کرنے کے لےے، اسے پیشگی پچاس ایکڑ زمین لکھ دی تھی، ان کی شامیں نغمہ کی زلفوں کے سائے میں ہی گزرتیں۔
اب صرف جیجی کو راضی کرنا تھا۔ اور جیجی تو اس کے بارے میں چہ میگوئیاں سن کر پہلے ہی غصے سے بھری بیٹھی تھیں۔
’’اعجاز نبی شاہ! ہماری سات پشتوں میں کوئی گانے والی نہیں آئی، اب اپنی نسلوں پر دھبّا لگائو گے۔‘‘
’’جیجی! میں سب کچھ چھوڑ سکتا ہوں، مگر اسے نہیں۔‘‘ انہوں نے حتمی لہجے میں کہا تھا۔
جیجی حیرت و استعجاب سے چند لمحے انہیں دیکھتی رہیں، مرد ’’اپنی‘‘ کرنی پہ آئے تو اس کے پائوں کو کوئی زنجیر نہیں باندھتی، انہیں لگا اعجاز نبی شاہ کو بھی اپنے اٹل ارادے سے کوئی نہیں ہٹا سکتا۔ تب انہوں نے ناراض اور کمزور لہجے میں ان سے عطیہ کو منانے کو کہا۔
یہ ان کے لےے بڑا کام نہیں تھا، دوسرے دن وہ عطیہ کے لےے سونے کی آٹھ چوڑیاں لے آئے، اپنے ہاتھوں سے اسے پہنانے لگے۔
’’دیکھو، شادی تو مجھے کرنا ہی ہے، وہ تو میں اس سے کروں گا، پر تُو بھی میرے بچوں کی ماں ہے، تیری حیثیت پہلے والی ہی رہے گی۔‘‘
’’سائیں! مرد کے دل کی دھڑکن اور عورتوں کی چوڑیوں کی چھن چھن، دونوں کا ردھم ایک ہی ہے۔ چوڑیاں ایک جگہ ٹکتی نہیں، مسلسل ڈولتی رہتی ہیں، آگے پیچھے ۔۔۔ مرد کا دل بھی ایسا ہی ہے، ایک کو پالینے کے بعد دوسری کی طلب شروع ہوجاتی ہے۔ مسلسل ڈولتا رہتا ہے، ایک جگہ نہیں ٹکتا۔‘‘ اس نے دکھ سے کہا۔
’’اگلی فصل آئے تو تمہیں آٹھ اور بنادوں گا۔‘‘ انہوں نے اس کی باتوں کو نظر انداز کر دیا۔
اور پھر ان کی جنونی محبت رنگ لائی، اور نغمہ اپنے گھنگھروئوں سے ناتا توڑ کر ہمیشہ کے لےے ان کی حویلی آگئی، اور ان کے دل پر، گھر پر، اس کی حکمرانی پہلے دن کی طرح آج بھی قائم تھی، اس سے بھی ان کے اور بیٹے ہوئے تھے، انہوں نے ہمیشہ عطیہ کو نظر انداز کر کے نغمہ کی مانی تھی۔ ان کی اس جانب داری پر جیجی کو غصہ آتا۔
’’پتا نہیں کیوں اعجاز نبی! تمہیں اپنی دادے پوتی بیوی سے خدا کا رن کا بیر ہے۔
وہ ہمیشہ جیجی کی تنبیہ کو نظر انداز کرد یتے۔
مگر اب۔۔۔ اب سندھیا۔۔۔ کیا اس کے اندر بھی ان کی طرح اتنی شدید دیوانگی ہے۔
’’وہ تمہاری ہی بیٹی ہے۔‘‘ آواز کی بازگشت ان کے چاروں طرف پھیل گئی تھی۔
وہ دونوںہاتھوں سے سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔ بجلی آگئی تھی، مگر انہیں ساری رات نیند نہیں آئی، صبح کو بی بی عطیہ ان کے سامنے کھڑی تھیں۔
’’سائیں۔۔۔! وہ میں چاہ رہی تھی کہ ابھی آپ۔۔۔ وہ ۔۔۔ وہ تاریخ طے نہ کریں۔‘‘ وہ اعجاز نبی شاہ کے بغور دیکھنے پر گڑبڑا گئیں۔
’’تمہارے چاہنے سے کیا ہوگا۔ عطیہ بی بی! ہوگا تو وہی جو سائیں چاہے گا۔‘‘ نغمہ سائیں کا لفظ بڑے ناز سے اد اکر کے طنزیہ ہنسی۔
اعجاز نبی شاہ نے عطیہ کے مقابل پہلی بار اسے غصے سے گھور کر دیکھا۔ آج تک وہ اسے محبت سے باندھتے آئے تھے۔
’’کیوں چاہتی ہو ایسا؟‘‘ انہوں نے انہماک سے ناشتا کرتے استفسار کیا۔
’’وہ ابھی۔۔۔ مرتضیٰ، میرا مطلب ہے کہ بہت ہی غیر ذمہ دار ہے۔‘‘
’’اس عمر میں سارے ہی لڑکے غیر ذمہ دار ہوتے ہیں، ذمہ داری پڑے گی تو سدھر جائے گا۔‘‘
’’نہیں سائیں! نورالعارفین بھی تو تھا، ساری ذمہ داری اپنے سر پہ لے لی، کوئی ایک کڑا دن دیکھنے نا دیا سب کو۔‘‘
وہ بے ساختگی میں کہہ گئی تھیں، اور اب ان کی ڈانٹ کی منتظر تھیں، مگر خلافِ عادت وہ خاموشی سے ناشتا کر کے باہر چلے گئے۔
شام کو حسن علی آیا تھا۔
’’ادا! میں سوچ رہا ہوں، جمعہ کی شام کو یار دوست بلوا کر اہتمام سے تاریخ طے کرنے آئوں۔‘‘
’’ابھی رک جائو۔ حسن علی! میں ذرا زمین پہ چلنے والے کیس سے جان چھڑالوں تو پھر اس معاملے کو دیکھوں گا۔‘‘
’’ادا! وہ کیس تو سالوں سے چلتا آرہا ہے۔‘‘ حسن علی نے استعجاب سے کہا۔
’’ہاں، مگر اب جلد فیصلہ ہوجائے گا اس کا، تب تک مہلت دے دو۔‘‘
حسن علی ان کے حتمی انداز کو حیرت سے تکتا رہ گیا تھا۔
ئ ئ ئ ئ
وہ واپس آگیا تھا۔ اس کے کفیل نے اس کی چھ ماہ کی غیر حاضری کی وجہ سے اور ملازم رکھ لیا تھا، اس نے سات ماہ تک مختلف جگہ ملازمت کی، مگر وہ کفیل اس کو اچھے نہیں لگے، تنخواہ کاٹ دیتے، کام کی وجہ سے بہت سختی کرتے، اس نے گھر، گاڑی بیچ دی اور واپس لوٹ آیا ہمیشہ کے لےے۔
آتے ہی شوگر مل میں انچارج کی جاب اسے مل گئی تھی، اور فارغ ٹائم میں اس نے زمینوں کی دیکھ بھال کا ذمہ لے لیا تھا۔
اس بار رشتہ مانگنے صرف پھوپھو جان نہیں، گھر کے سارے لوگ آئے تھے منّت کرنے۔
’’ادا! آج میں آپ کے پاس نیانیوں (بیٹیوں) کا مان لے کر آئی ہوں، مجھے مایوس نہ لوٹانا۔‘‘
اور اعجاز نبی شاہ نے نہ تو ہاں کی نہ ’’نا‘‘ ان سب کے سروں پر ہاتھ رکھ کر خاموشی سے اٹھ کر باہر چلے گئے۔
یہ بہت بڑی تبدیلی تھی، جو سب نے محسوس کی تھی، پہلی بار اس گھر سے انہیں کھلا انکار نہیں ہوا تھا، شہزین نے کمرے میں اس کے پاس آکر اسے خوشی سے بھینچ لیا تھا۔
’’آج ماما سائیں کی زبان مرتضیٰ کے حق میں بند ہوئی ہے، اِن شائ اللہ کھلے گی تو ہمارے حق میں۔‘‘
’’پتا نہیں اب تو دعائوں پر سے اعتبار اٹھنے لگا ہے۔‘‘ اس نے مایوسی سے کہا۔
’’ابھی تو جا کے دعائوں کے پودوں پر یقین کے پھول کھلنے کا موسم آیا ہے اور تم ناامید ہورہی ہو پگلی۔‘‘
’’اچھا سنو، بھائی تم سے ملنا چاہ رہا ہے۔‘‘
’’مگر کیسے؟‘‘ وہ ایک دم خوف زدہ ہوئی۔
’’نکالیں گے کوئی راہ۔ بس تم تیار رہنا۔‘
کچھ عرصے بعد یہ موقع ان کو مل گیا، جب کھڑکی کا تالا کھلوا کر بی بی آمنہ جیجی سے ملنے گئیں۔
شہزین اسے لینے آگئی۔ ’’بھائی کھڑا ہے کھڑکی پہ۔‘‘
اور وہ چھپتی چھپاتی ڈرائنگ روم میں گھس گئی۔ ڈرائنگ روم کی کھڑکی بیچ والی دیوار کی کھڑکی سے دس، بارہ فٹ دور تھی، نورالعارفین کھڑکی کے دوسری طرف اپنے صحن میں کھڑا تھا۔ اس کا چہرہ جیسے ہی ڈرائنگ روم کی کھڑکی سے نمودار ہوا، وہ بالکل کھڑکی کے قریب آگیا۔
’’کیسی ہو؟‘‘ اس نے ہلکی آواز میں پوچھا۔
وہ جو پہلے ہی گھبرا رہی تھی، ایک دم خوف زدہ ہو کر منہ پر انگلی رکھ کر اسے چپ رہنے کا اشارہ کیا۔
اس نے بے بسی سے مضبوطی سے کھڑکی کے پٹ کو پکڑ لیا۔
وہ اس کے بے بسی سے منہ لٹکانے پر بے ساختہ ہنس دی۔ اس وقت اس کی کیفیت عجیب ہورہی تھی۔ اس کا دل اس کے سینے میں پوری رفتار سے بھی تیز دھڑک رہا تھا۔
اس نے چٹ لکھ کر لپیٹ کر گولا بنایا، سوچنے لگا، کیسے پھینکوں، یہ تو ہوا میں اڑ جائے گی، آس پاس نظر دوڑائی تو نیچے کھجور کی گٹھلی پڑی تھی۔ اس نے فوراً اٹھا کر چٹ کے اندر رکھی، کاغذ کو اس پر لپیٹ لیا، پھر احتیاط سے اس کی طرف پھینک دی، اس کا نشانہ صحیح تھا،سندھیا نے آرام سے کیچ کرلی۔
’’کیسی ہے، میری سسی؟‘‘
اس نے سر اثبات میں ہلا کر جواب دیا۔ وہ مطمئن نہیں ہوا، انگلی اور انگوٹھا ملا کر جواب لکھنے کا اشارا کیا۔
اس نے اسی چٹ کی پشت پر لکھا۔
’’سسی کو اس کا پنہوں نہیں مل رہا۔‘‘ اس نے وہ چٹ پڑھ کر لائٹر سے جلادی، اور جیب سے دوسرا کاغذ نکال کر لکھا۔
’’پنہوں ساری رکاوٹیں عبور کر کے آیا ہے۔ بس تھوڑا سا انتظار اور حوصلہ بحال رکھنا۔‘‘
پہلے والے عمل سے اس نے چٹ پھینک دی۔
’’اور اس لمحۂ موجود میں اس سے زیادہ خوب صورت کوئی بات نہیں۔‘‘
نورالعارفین نے مسکرا کر جواب لکھا۔ ’’اور اس لمحۂ موجود میں تم سے زیادہ خوب صورت کچھ بھی نہیں، نہ یہ دنیا، نہ یہ زندگی۔‘‘
سندھیا اس کی نظروں کی تپش اپنے چہرے پر بخوبی محسوس کر رہی تھی، الفاظ اس کے ذہن سے کاغذ پر منتقل ہورہے تھے۔
محبت وہ کامل احساس ہے کہ ہر بدنصیبی کو خوش نصیبی، ہر زوال کو عروج ہر تاریکی کو روشنی میں بدل دیتا ہے، اور نورالعارفین! تم وہ احساس، وہ محبت ہو، جس نے مجھے زندگی سے متعارف کروایا۔ اور صرف اک احساسِ محبت کو حاصل کرنے کے لےے ایک تو کیا ہزاروں زندگیاں تج دینے کو جی چاہتا ہے۔‘‘
اسے اور بھی لکھنا تھا، مگر چھوٹے سے کاغذ پر، اور جگہ باقی نہیں تھی۔
اس نے چٹ لکھتے ہوئے، اس کے چہرے پر اترنے والے رنگوں کو بڑی محویت سے، توجہ سے دیکھا تھا۔ وہ چٹ پڑھ کر سرشار ہوگیا، اور دم بخود محویت سے اسے تکنے لگا، اسے پتا ہی نہیں چلا کہ کھڑکی کے عین سامنے کھلنے والے گیٹ سے انوار نبی اور اس کے پیچھے داخل ہونے والے، اعجاز نبی شاہ نے اس کو چٹ کی گولی کیچ کرتے دیکھ لیا ہے، جب اس کو ہوش آیا تو انوار نبی عین اس کے سر پر پہنچ چکا تھا، وہ فوراً کھڑکی سے ہٹ گیا، اس چٹ کو جلانے کا اس کا ارادہ نہیں تھا، مگر اس وقت اس کو جلانے جتنی مہلت بھی اس کے پاس نہیں تھی، انوار نبی کا پائوں کھڑکی کی دوسری طرف پہنچ چکا تھا۔ وہ اس کی طرف آرہا تھا۔اس نے فوراً کھڑکی کی طرف پشت کی، اور سرعت سے چٹ کو منہ میں ڈالا، اس کے گلے میں کاغذ کے لپٹے ہوئے کونوں کی وجہ سے خراشیں آئیں، مگر جب تک انوار نبی کا ہاتھ اس کے گریبان پر پڑا وہ یہ ثبوت نگل چکا تھا۔
’’خط کہاں ہے؟‘‘ وہ گرجا۔
’’ادا! کون سا خط؟ کیساخط؟‘‘
’’میں اندھا نہیں ہوں، میں نے خود دیکھا ہے، تلاشی دو مجھے۔‘‘
’’آپ لے لیں، نکلے تو جو چور کی سزا وہ میری۔‘‘ اس نے ہتھیار ڈال دےے۔
انوار نبی نے اس کی مکمل تلاشی لی، جیبوں کی، جوتے اتروا کے دیکھا، ارد گرد ڈھونڈا، مگر کہیں سے وہ چٹ برآمد نہیں ہوئی۔
’’بولو، کہاں چھپایا ہے؟‘‘ اس نے اک زوردار تھپڑ مارا۔ اعجاز نبی شاہ حیرت اور صدمے سے گیٹ پر ہی کھڑے رہ گئے تھے، سندھیا تیزی سے ڈرائنگ روم سے نکل کر اپنے کمرے میں گھس گئی تھی، اور انوار نبی دوسری طرف چیخ رہا تھا، سندھیا باپ کو دیکھ کر ٹھٹکی تھی، اور برآمدے میں کھڑی شہزین گھبرا کر فوراً جیجی کے کمرے میں چلی گئی تھی۔
’’انوار نبی! چلائو نہیں، میری عزت کا معاملہ ہے۔‘‘ انوار نے کھڑکی میں کھڑے افسردہ باپ کو دیکھا۔ اور نورالعارفین کا گریبان چھوڑ کر واپس پلٹا اور تھکے تھکے باپ کو سہارا دے کر برآمدے میں بٹھایا، سارے معاملے سے انجان، بی بی آمنہ گھر جانے کے لےے جیجی کے کمرے سے نکلیں تو انہیں بے حال دیکھ کر پریشان ہوگئیں۔
’’ادا! خیر ہے نا، طبیعت تو صحیح ہے آپ کی؟‘‘
’’بس ادی کمینے کی اترے تو ہوئے ہوئے کر کے شور مچائے۔ شرفائ کی عزّت اترے تو دونوں ہاتھ پگڑی میں ڈالیں۔‘‘
’’بس پھوپھو! بس، زیادہ انجان نہ بنیں۔‘‘ انوار نے تلخی سے کہا۔ وہ کچھ اور بھی کہتا، مگر اعجاز نبی شاہ نے ہاتھ اٹھا کر اسے چپ رہنے کا اشارا کیا۔ وہ حیرت سے ان کے بدلے ہوئے لہجے اور بے رخی پر دل برداشتہ واپس چلی گئیں۔
اور کتنے ہی دنوں وہ باپ اور بھائی کے سامنے نہیں آئی، نہ ہی انہوں نے کچھ کہا تھا اسے۔
’’بابا جان کیا سوچیں گے میرے بارے میں؟‘‘ وہ ان کے سامنے سر اٹھانے کے قابل نہیں رہی تھی، اور دل تھا کہ اپنی ہٹ پر ابھی تک قائم تھا، اس نے جی بھر کے دل کو کوسا تھا، جس نے اس کو کہیں کا نہیں چھوڑا تھا۔
ئ ئ ئ ئ
’’جیجی! میں بہت پریشان ہوں، عجیب سے دوراہے پر کھڑا ہوگیا ہوں، آپ بتائیں اب کیا کروں؟ اس سے زیادہ ذلت اٹھانے کا حوصلہ نہیں مجھ میں، ہر وقت ڈرتا رہتا ہوں کہ نہ جانے اب آگے کیا ہونے والا ہے، کوئی غلط فیصلہ نہیں کرنا چاہتا۔‘‘
پہلے پہل وہ یہ بات سن کر ہی بھڑک اٹھے تھے، پھر ان کا انکار نرمی اختیار کر گیا، اس کے بعد انہوں نے خاموشی اختیار کرلی، اور اب وہ دوراہے پر کھڑے شش و پنج میں پڑے ہوئے تھے۔
’’تم کیا چاہتے ہو اعجاز نبی شاہ؟‘‘
وہ چند ثانےے سر جھکائے بیٹھے رہے۔ ’’جیجی! میں سندھیا پر کوئی زبردستی نہیں کرنا چاہتا۔‘‘
’’توپھر دیر کیوں کر رہے ہو، اعجاز نبی شاہ! ہو گا تو وہی نا جو لوحِ محفوظ میں لکھا ہوا ہے۔‘‘ وہ چند لمحے انہیں تکتے رہے۔
’’جیجی! ہمت نہیں پارہا خود میں۔‘‘
’’فیصلہ تو اس کے حق میں دو گے، جو تمہیں زیادہ عزیز ہو۔ اک طرف تمہارا بھانجا ہے۔ دوسری طرف بھتیجا اور بیچ میں سندھیا۔ جو تمہیں ان دونوں سے زیادہ عزیز ہے۔ اب زیادہ دیر کرنا مسائل کو بڑھانا ہے۔‘‘
اس بار بی بی آمنہ لڑکیوں کو لے کر منت کرنے آئیں تو جواب ’’ہاں‘‘ میں پا کر ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانا ہی نہ رہا تھا، شہزین نے اسی وقت اپنی انگلی سے انگوٹھی اتار کر سندھیا کو پہنائی تھی۔
یہ بات آناً فاناً پھیل گئی، شام تک زین ساری برادری میں مٹھائی بانٹ چکا تھا۔
اور رات کو حسن علی آ پہنچا۔
’’ادا یہ۔۔۔ یہ میں کیا سن رہا ہوں، کیا یہ خبر صحیح ہے؟‘‘ اس نے رنج و غصے سے استفسار کیا۔
’’مجھے معاف کر دینا حسن علی! میں جانتا ہوں کہ میں نے تمہارے ساتھ زیادتی کی ہے۔ مگر میں مجبور تھا۔‘‘ انہوں نے شرمندگی سے تھکے تھکے سے لہجے میں کہا۔
’’ادا! زیادتی بھی زیادتیوں جیسی۔ بھلا ایسی کیا مجبوری تھی آپ کو کہ دس سالہ نسبت کا بھی خیال نہ کیا۔ کوئی قصور، کوئی جواز؟‘‘ وہ چیخ پڑا۔
اور اعجاز نبی شاہ کا سر جھک گیا۔
’’میں بار بار آپ کے پاس آتا رہا کہ شادی کی تاریخ دیں، مگر آپ نے ہر بار کوئی نہ کوئی بہانہ کر کے ٹال دیا۔ میں نے یہ بھی کہا کہ ادی آمنہ والوں کی طرف سے خطرہ ہے۔ مگر آپ نے کہا کہ تم فکر نہ کرو، تمہارا پیسہ تمہارے ساتھ سچا نکلے گا۔ مگر نہیں ادا، میرا پیسہ ہی جھوٹا نکلا، میں ادی آمنہ کو کیا دوش دوں، جو کچھ بھی کیا، آپ نے کیا۔‘‘ وہ برآمدے کے بیچ کھڑا چیخ چلّا رہا تھا۔
جیجی کے تسبیح کے دانے رک چکے تھے، وہ حسن علی کو تکے جارہی تھیں، اور ہمیشہ سے سر اٹھا کر بات کرنے والے اعجاز نبی شاہ سراٹھا نہیںپارہے تھے۔
’’بس کرو ، حسن علی! جو ہونا تھا وہ ہوگیا۔‘‘
’’جیجی آپ تو دھر (فریق) ہیں، ساری سازشوں میں شامل، اگر آپ ادی آمنہ کو شروع سے ہی منع کر دیتیں تو آج یہ نوبت نہیں آتی، آپ نے ہمیشہ ادی آمنہ کی اولاد کو میری اولاد سے زیادہ چاہا۔ آج کے بعد میرا آپ لوگوں سے کوئی رشتہ نہیں۔‘‘ وہ دھاڑا۔
’’حسن علی! نبی (صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم) کے دور میں بھی کئی ایسے واقعات ہوئے، جن کے رشتے آتے، منظور یا نا منظور ہوجاتے، بات طے ہوجاتی، ٹوٹ جاتی، حتیٰ کہ نکاح تک ٹوٹ جاتے۔ پھر دوسری جگہ شادی ہوجاتی، مگر ان سارے فریقوں کے اندر رنجش کا شائبہ تک نہیں رہتا۔ وہ کھلے دل و ذہن سے قبول کرتے، آپس میں جڑے رہتے، کیونکہ وہ خدا کی رضا پہ اپنی رضا قربان کر دیتے۔ تقدیر پر ان کا بہت گہرا یقین تھا۔ اس لےے مقدر کا لکھا سمجھ کر وہ آپس میں قطع تعلق نہیں کرتے تھے۔ سو حسن علی! مجھے الزام نہ دو اس کے مقدر میں لکھا ہی نورالعارفین تھا۔ تو ہم اس کو مرتضیٰ کے حوالے کیسے کرتے۔‘‘ انہوں نے بہت دھیمے سے رسانیت سے کہا۔
’’بس کریں، جیجی! بس کریں ۔ اپنی غلطیوں کو تقدیر کے تابع نہ کریں، آپ لوگ تو کل کی چھوکری کے آگے مجبور ہوگئے، میں بھائی تھا، مگر میرا خیال نہ کیا، اب مرجائوں تو میرا منہ نہ دیکھنا، آج ہمارے سارے رشتے ختم ہوگئے۔‘‘ وہ کہہ کر تیزی سے ان کے گھر سے نکلا تھا۔
اعجاز نبی شاہ کو بیٹی کے طعنے پر غصہ تو بہت آیا، مگر ضبط کر گئے کہ انہیں اپنی زیادتی کا اندازہ تھا۔
ئ ئ ئ ئ
کائنات اس کی مٹھی میں تھی، دعائوں سے تقدیریں بدل جاتی ہیں، اور معجزے رونما ہوجاتے ہیں اور منزل اس کو یوں اچانک ملی کہ کتنے دنوں تک وہ یقین اور گمان کے بیچ ڈولتی رہی۔ اسے یقین بھی بھلا کیسے آتا، اس کے شب و روز خواب کے عالم میں گزر رہے تھے۔ اسے ڈر لگتا کہ کہیں یہ سپنا تو نہیں کہ بے دار ہوتے ہی ٹوٹ جائے۔
زندگی نے اپنا سارا حسن اس کی ہتھیلیوں پر رکھ دیا تھا۔ اتنی خوشیاں اس کے ارد گرد رہتیں کہ بعض دفعہ اسے اپنی تنگ دامنی کا شکوہ ہونے لگتا، وہ سنبھا ل نہیں پاتی۔ محبوب سے ملنے کے بعد دنیا سے غافل ہونے کو جی چاہتا ہے۔وہ اک اک لمحے سے خوشی کشید کر رہی تھی، اتنی محبت، اتنی توجہ اس کا انگ انگ سرشار ہوجاتا، سب نے اسے ہاتھ کا چھالا بنا رکھا تھا، جب نورالعارفین اس کے سامنے ہوتا تو اسے لگتا کہ کائنات کی گردش تھم چکی ہے۔
نورالعارفین کے ملتے ہی وہ سب کو بھول گئی تھی، بیچ میں صرف ایک کھڑکی تھی۔ مگر میکے گئے اسے کئی دن گزر جاتے۔ وہ کمرا آج تک اس کے نام تھا، وہ جاتی تو بھی جلدی جلدی جیجی اور اپنی ماں سے مل کے چلی آتی تھی۔ اپنے کمرے تک نہیں جاتی۔ اس کا باپ اکثر اس سے ملنے آتا، کھڑے کھڑے حال احوال پوچھتا، پھر چلا جاتا۔
اسے لگتا کہ بابا جان کو اچھی طرح اندازہ ہے کہ ان کی بیٹی خط والے واقعے کے بعد اس سے آنکھ ملا کر بات نہیں کرتی، اور وہ اس کے پاس زیادہ دیر بیٹھ کر اسے زیادہ دیر تک شرمندہ نہیں دیکھ سکتا تھا، اسے بعض دفعہ اپنے باپ کی دور اندیشی و مصلحت پر رشک آتا، اور اس کا دل باپ کی محبت سے پُر ہوجاتا۔
اس نے اس کے رشتے کا فیصلہ کرتے جیجی سے کہا تھا کہ ’’میں نہیں چاہتا کہ کل وہ دونوں جذبات میں کوئی غلط فیصلہ کر بیٹھیں، نورالعارفین ایک بار خودکشی کی کوشش کر چکا ہے۔ اور کل کو میری بیٹی ایسا کر بیٹھی تو پتا نہیں کیا ہو، بچے کہ نہیں، نورالعارفین کی خوش قسمتی کے بروقت زین کو پتا چل گیا تھا، اور یہ تو کمرا بند کر کے بیٹھتی ہے تو کھلوانا مشکل ہوجاتا ہے، جب تک دروازہ کھلتا نہیں، تب تک سولی پر لٹکا رہتا ہوں، جیجی میں بیٹی کو گنوانا نہیں چاہتا، نا ہی بدنامی کا کوئی داغ اپنے سر پہ سجانا چاہتا ہوں۔‘‘
اسے یاد آیا، وہ کس طرح نورالعارفین کی خود کشی کا سن کر تڑپی تھی، اسے لگا تھا کہ بس دنیا اب اس کے لےے ختم ہے۔ مگر جیجی اس کے کمرے میں آکر بیٹھ گئی تھیں۔ وہ ان کی گود میں پڑی رہی تھی، رات تک نورالعارفین کے بچ جانے کی نوید اسے فون پر مل چکی تھی۔
’’اف! اتنی دیر کر دی آج اس نے۔‘‘ بھوک سے اس کا برا حال تھا، شام کے چھ بج رہے تھے، کئی بار پھپھو آمنہ نے اس سے کہا۔
’’بیٹا کھانا کھالو، بھٹائی کا میلہ ہے، وہ پتا نہیں کب آئے گا۔‘‘ اور وہ مسکرا کر بس آتا ہی ہوگا، کہہ کر جان چھڑاتی۔
’’اوہو بھابھی! یہ چونچلے ہم نے بھی دو ماہ تک چلائے، مگر آگے کام نہیں چلا، بھئی مرد ہیں، دیر سویر ہوجاتی ہے، کون اتنی دیر بھوکا مرے، میں تو ویسے ہی بھوک کی کچّی ہوں۔ اور آپ کو تو پانچ ماہ ہوگئے، بھئی میری مانو تو یہ تکلف اب چھوڑ ہی دو۔‘‘
وہ دیورانی کی بات پہ ہنس دی۔ ’’فی الحال تو دل نہیں کر رہا، آگے دیکھا جائے گا۔‘‘
انتظارکرتے کرتے رات کے آٹھ بج چکے تھے، اوپر سے اس کا سیل بھی آف تھا، بھوک کا احساس تو مٹ گیا تھا، اب صرف غصہ باقی تھا۔
صبح جاتے ہوئے وہ زیادہ سے زیادہ تین بجے تک کا کہہ کر گیا تھا۔مگر اب وہ عشائ بھی پڑھ چکی تھی۔ وہ عین اس کے سامنے کہنی کے بل نیم دراز ہوگیا۔
’’اوہو بھئی۔۔۔ یونیورسٹی کے دور کے دوست مل گئے تھے، ان کے ساتھ ادبی محفل میں اک مقالہ سنا۔ پھر وہاں سے اٹھے تو میں گھر آنا چاہ رہا تھا، مگر انہوں نے کہا نصر پور چلتے ہیں، چند دن پہلے اس کا میلہ ختم ہوا ہے، زبردستی لے گئے، نصر پور کے پیڑے لایا ہوں تمہارے لےے، تمہیں پسند ہیں نا؟‘‘
اس نے کوئی جواب نہیں دیا۔
’’میری شام و شفق جیسی سندھیا! اتنی ناراضی اچھی نہیں۔‘‘
’’فون نہیں کر سکتے تھے۔‘‘ اس نے منہ پھلایا۔ یہ دیکھو، اس نے موبائل اسے پکڑایا، چارج ختم تھا۔
’’اب بولو، کہاں سے فون کرتا۔‘‘
’’کسی دوست سے لے کر نہیں کر سکتے تھے۔‘‘
’’ارے بیوی! وہ تو پہلے ہی میرا ریکارڈ لگا کر بیٹھے تھے کہ شادی کے بعد تُو شکل نہیں دکھاتا ان سے سیل مانگ کر فون کرنا تو اپنی شامت لانے کے مترادف تھا۔‘‘
اس نے کوئی جواب نہیں دیا، منہ پھیر کر بیٹھ گئی۔
اس نے شانوں سے پکڑ کر زبردستی اسے اپنی طرف پھیرا۔
لال لب لعلوں یمن جوں روئے رخ رشک چمن
نین نرگس، نیم خوابی، انتظار بے سبب
’’انتظار بے سبب نہیں تھا۔‘‘ اس نے چڑ کر کہا۔
’’سوری یار! اب معاف کر دو، آئندہ ایسی غلطی نہیں ہوگی۔‘‘ اس نے خاموشی سے اس کی طرف سے منہ پھیرلیا۔
’’اچھا جب ناراضی ختم ہوجائے گی نا تو پھر بتانا میں آجائوں گا۔‘‘
وہ اس کے روےّے سے دل برداشتہ ہو کر کمرے سے نکل گیا، وہ چند لمحے بند دروازے کو تکتی رہی۔ پھر اپنی ہتھیلیوں کو مسلا، جیسے اس کے لمس کو تازہ کر رہی ہو۔اب منانے کی باری اس کی تھی۔
وہ باہر نکل آئی۔ وہ صحن کے نسبتاً نیم اندھیرے گوشے میں، دوسری طرف منہ کر کے کھڑا تھا، وہ آہستگی سے چلتی ہوئی اس کے پیچھے آکھڑی ہوئی۔ دونوں ہاتھ اس کے شانوں پر رکھ دےے۔ اور سر اٹھا کر چمکتے چاند کو دیکھا، اور شیخ ایاز کی اک لمبی غزل کا شعر اس کے لبوں پر ہمکنے لگا۔
چنڈ پریں کھے پرچائے ڈے موں سا کینئں رٹھو
توں ئی چٹو موں ساریوں راتیوں کائی ننڈ کئی
(چاند پریں (محبوب) کو منا کر دو! وہ مجھ سے کیوں روٹھا، تم ہی کہو میں نے ساری راتیں کوئی نیند کی؟)
اس نے اپنے شانے پر رکھے اس کے ہاتھوں پر اپنے ہاتھ رکھ دےے۔وہ دونوں بے ساختہ ہنس دےے۔
ئ ئ ئ ئ
جیجی چلی گئیں، گلابی مسکاتے ہونٹوں، نرم پوروں والی جیجی چلی گئیں، چشمے کے پیچھے چمکتی آنکھیں بے نور ہوگئیں، ان کی سانسیں ٹھہر چکی تھیں، ان کہی باتیں سمجھنے، بھیدوں کو بغیر کھولے سمجھنے والی، اللہ کی یاد دلانے والی، جیجی ہمیشہ ہمیشہ کے لےے چلی گئی تھیں۔
وہ حیران ساکت رہ گئی، یوں اچانک کیسے۔۔۔ کیسے ابھی شام کو تو وہ ان سے مل کے آئی تھی، انہیں ہلکا سا بخار تھا، اسے پتا چلا تو وہ ان کو دیکھنے گئی، وہ حسبِ معمول عصر کے بعد کی تسبیح پڑھ رہی تھیں، اسے دیکھ کر وہ حسبِ عادت مسکرائی تھیں، اس نے ان کی پیشانی کو چوما، پھر گردن پر ہاتھ رکھ کر کہا۔
’’جیجی! بخار ہوگیا کیا؟‘‘
’’بس بیٹا! ایسے ہی کچھ حرارت ہوگئی تھی، بوڑھا جسم ہے، کچھ برداشت نہیں کرتا، تم بتائو، بیٹا کس کے پاس چھوڑ آئی ہو؟‘‘
’’جیجی! میں اس کو سلا رہی تھی کہ پھوپھو جان نے آپ کا بتایا، میں عین العارفین کو ان کو دے کر آئی ہوں، کہ بس جیجی کو دیکھ کر جلد آتی ہوں۔‘‘
’’ لے آتیں۔ میں دیکھتی کتنا بڑا ہوا ہے۔‘‘ جیجی ہنسی تھیں۔
وہ کھلکھلا کر ہنس پڑی۔ ’’ارے جیجی! پانچ دن پہلے تو آپ نے دیکھا ہے، ابھی اتنا ہی ہے، ایک انچ بھی بڑا نہیں ہوا۔‘‘
اس نے آرام سے جیجی کے پائوں دبانے شروع کر دےے، وہ اور جیجی باتیں کرنے لگیں۔
’’جیجی! آپ بالکل بوڑھی ہوگئی ہیں۔‘‘
جیجی اس کی بات پر بے ساختہ مسکرا اٹھیں۔ جیسے کسی بچے کی بات پر مسکرایا جاتا ہے۔ اس نے بغور جیجی کے مسکراتے گلابی لبوں کو دیکھا۔
’’بڑھاپا آسودہ کر دیتا ہے بیٹا! کسی بات کی فکر نہیں ہوتی، سوائے آخرت کے، پر اللہ بڑا رحیم و کریم ہے، اس کی رحمت کا آسرا ہے۔‘‘ چشمے کے پیچھے سے جیجی کی آنکھیں رحمت کے آسرے پر چمکنے لگیں۔
’’سندھیا رانی! موت ہر انسان کا منطقی انجام ہے۔‘‘
جیجی موت کو کتنا یاد کرتی ہے، یہاں تو موت کسی کو یاد نہیں سب اسی زندگی میں مگن ہیں۔ یہ ایسی بات نہیں تھی کہ اسے جیجی کے جانے کا گمان بھی ہوتا۔ جیجی ایسی فکر انگیز باتیں اکثر و بیشتر کرتی رہتی تھیں۔ وہ عادی تھی ایسی باتیں سننے کی۔
بی بی عطیہ روتے ہوئے عین العارفین کو لے آئیں۔
’’ادی آمنہ کھڑکی سے پکڑا کے گئی ہے، چپ نہیں کر رہا۔‘‘
’’مجھے پتا تھا کہ یہ ایک دم سے اٹھ جائے گا۔ مرغ جیسی نیند ہے اس کی، اِدھر سویا، اُدھر جاگا۔‘‘ جیجی اس کو مسکراتے، ضد کرتے دیکھتی رہیں۔
’’جیجی! اس پہ دم کریں، بہت رونے لگا ہے۔‘‘
’’اس کو کبھی بھی اکیلا مت چھوڑنا، پیار سے سمجھانا، ضدی ماں، باپ کا بیٹا ضدی ہی ہوگا نا!‘‘ جیجی اس کے گالوں پر پیار کر کے مسکراتی رہیں۔
’’جیجی! ایسی دعا تو نہ کریں۔‘‘ وہ گھبرا گئی۔’’بس ابھی خصوصی دعا مانگیں، میرے بیٹے کے لےے کہ وہ نیک، صالح اور اچھا انسان بنے۔‘‘
جیجی نے درود پڑھ کے دعا کے لےے ہاتھ اٹھا دےے تھے۔
نورالعارفین کے بلانے پر وہ واپس آئی تھی، اس نے چائے بنا کر اسے دی، جیجی کی طبیعت کا بتایا۔ وہ اسی وقت جیجی کے پاس گیا، پھر وہیں سے مغرب پڑھنے کے لےے چلا گیا تھا، اور عشائ کے وقت جب وہ نماز پڑھ رہی تھی، تو امینہ کے رونے کی آواز آئی تھی۔
’’جیجی گزر گئی ہے۔‘‘ اس نے جلدی سے سلام پھیرا اور رونے کی آواز پہ باہر نکلی، اسے چپل پہننے کا ہوش بھی نہ رہا تھا۔ وہ ان سب کے ساتھ وہاں پہنچی، اعجاز نبی شاہ جیجی کے پائنتی کے نیچے بیٹھے رو رہے تھے۔ اس نے اپنے لب جیجی کی پیشانی پر رکھے۔ اس کے آنسو جیجی کے چہرے پر گرے تھے، ان کے مسکراتے لب ساکت اور چمکتی آنکھیں بند تھیں، وہ رو رہی تھی، انہیں پکار رہی تھی۔ مگر وہ لب خاموش تھے، وہ زبان جس سے پھول جیسی باتیں نکلتی تھیں، وہ اب خاموش تھی، اس کوسمیٹنے والی گود اب نہیں رہی تھی۔
’’فنا، مخلوق کا آخری ٹھکانا ہے، سندھیا دھی! انسان کی زندگی کا راز فنا میں مضمر ہے، بچپن فنا ہوتا ہے تو لڑکپن آتا ہے، لڑکپن کے فنا کے بعد جوانی اور جوانی کی فنا کے بعد بڑھاپا، اور بڑھاپا موت کی پہلی سیڑھی ہے، بندہ بوڑھا ہوجائے تو موت کی طلب شدید ہوجاتی ہے، اور موت کی یاد بھی۔‘‘ وہ گلابی لب مسکائے اور روشن آنکھوں میں نمی بھر آئی۔
اور اب موت کی طلب بھی فنا ہوگئی تھی، اس لےے کہ جیجی نے موت کو پالیا تھا۔
’’محبوب سے ملنے کی خاطر موت کا پل عبور کرنا پڑے گا۔ بغیر فنا کے محبوب نہیں ملتا بیٹا!‘‘
وہ شدّت سے رو رہی تھی، اور جیجی کے میٹھے سخن اس کے حافظے میں اٹھکھیلیاں کر رہے تھے۔
’’مگر جیجی! موت کے بعد ان بندوں کو خدا ملے گا؟‘‘
’’جو اس کے پیارے ہوں گے، جو اس کے دوست ہوں گے، وہ ہر ایک سے تو نہیں ملے گا۔‘‘
’’اس نے تو جگہ جگہ ہیرے جواہر بکھیر دےے ہیں،تم ہی نہیں چنتے تو قصور تمہارا ہے نا بیٹا!‘‘ جیجی کا بوڑھا جھریوں بھرا چہرہ پُر رونق ہوگیا۔
لوگ اس کے ارد گرد جمع ہوتے جارہے تھے، مگر اسے کسی کا ہوش نہیں تھا، اس کا بیٹا روئے جارہا تھا، مگر وہ تو جیجی کے جانے کے غم میں نڈھال تھی، اس سے وہ گود ایسے چھن چکی تھی، جیسے ماروی سے ملیر، وہ اچانک ہی مسافر و غریب الوطن ہوگئی تھی۔
ئ ئ ئ ئ
اس دن جیجی کے ایصالِ ثواب کے لےے خیرات تھی، وہ صبح سے ہی وہیں تھی۔
پوری برادری حلقۂ احباب، حلقۂ ارادت، بہت سارے لوگ آرہے تھے، کچھ دیر بیٹھ کر کھانا کھانے کے بعد جانے کے لےے اٹھ جاتے، وہ مختلف انتظامات میں لگی ہوئی تھی، باہر کس چیز کی ضرورت ہے، اندر کس کس نے کھانا کھایا، کون رہ گیا، ساری ذمہ داری اس نے اٹھائی ہوئی تھی۔
اعجاز نبی شاہ اور انوار نبی شاہ مختلف کاموں کے لےے زین کو بھیج رہے تھے۔
وہ چاچا حسن علی کی فیملی کے لےے کھانا لگوا کر باہر نکلی تو مرتضیٰ عین اس کے سامنے تھا۔
’’سندھیا! اماں والوں کو بلائو، دیر ہورہی ہے۔‘‘
وہ اس کے یوں مسکرا کر دیدہ دلیری سے مخاطب کرنے پر بری طرح سٹپٹا گئی تھی۔ تیزی سے پلٹی، نورالعارفین برآمدے میں ایستادہ انہیں ہی دیکھ رہا تھا۔ وہ اس کی خشمگیں نگاہوں سے بے طرح گھبرا گئی، وہ اسے گھورتا ہوا باہر نکل گیا تھا، وہ اندر اپنے کمرے میں آبیٹھی، یہ کمرا آج تک اسی کا تھا، باہر کیا ہورہا تھا، کس طرح انتظام ہورہا تھا، اسے کچھ یاد نہیں رہا تھا۔
صرف نورالعارفین کی چبھتی نظریں اور مرتضیٰ کی مسکراہٹ اس کی نظروں کے سامنے گھوم رہی تھی۔ اس کی چھٹی حِس اسے کچھ ہٹ کے ہونے کا سگنل دے رہی تھی۔
چاچا حسن علی کی فیملی پہلے د ن سے مسلسل آرہی تھی، مگر نہ تو اس نے کسی کو مخاطب کیا تھا، نا ہی ان میں سے کسی نے اس سے بات کی تھی، مگر مرتضیٰ کی یہ ہمت ایک تو گھر میں گھس آیا، اوپر سے ہنس کر اس سے بات کرنے کی کوشش بھی کی۔
وہ رات تک وہیں رہی، وہ نورالعارفین کا سامنا کرنے سے گھبرا رہی تھی، مگر کب تک۔ رات کو وہ گھر آئی تو وہ غصہ سے بھرا بیٹھا تھا۔
’’کیا بات چیت ہورہی تھی مرتضیٰ سے؟‘‘
اس نے اس کے تلخ لہجے پر اسے دیکھا۔
’’کچھ نہیں کہہ رہا تھا اماں والوں کو بلائو، دیر ہورہی ہے۔‘‘
’’بس یہی کہا تھا، اس نے؟ مسکراہٹ تو بڑی جاں نثاروں والی تھی۔‘‘ وہ بیڈ سے اٹھ کر اس کے مقابل آ کھڑا ہوا۔
’’اب میں نے تو نہیں کہا تھا، اسے مسکرانے کو، مجھے تو خود اس کی جرأت پر حیرت ہوئی تھی۔‘‘
’’یہ جرأت بھی کسی نے اسے دلائی ہوگی؟‘‘
’’کیا ہوگیا ہے آپ کو۔ کیسی باتیں کر رہے ہیں آپ۔‘‘ وہ اس کے طنزیہ لہجے کو نظر انداز کر کے رسانیت سے بولی۔
’’میں انگاروں پر چل رہا ہوں، وہ روز آرہا ہے، اس گھر میں جہاں تم بیٹھی ہوئی ہو، اور یہ بات میری برداشت سے باہر ہے۔‘‘ وہ چیخا۔
’’جیجی کے ساتھ سب کا رشتہ تھا،اور ان کی وفات پر ظاہر ہے، سب آئیں گے، ہم کسی کو روک تو نہیں سکتے نا!‘‘ اس نے بڑی مشکل سے غصہ ضبط کیا تھا۔
’’بڑی وکالت کر رہی ہو ان کی، افسوس ہورہا ہے تمہیں۔‘‘ اس نے چبھتے لہجے میں طنز کیا۔
اس نے غصہ ضبط کر کے اسے دیکھا۔ وہ اسے غصے سے گھو ر رہا تھا، اس نے کوئی جواب نہیں دیا، اور کمرے سے باہر جانے کے لےے قدم بڑھا دےے۔ وہ تیزی سے اس کے سامنے آکھڑا ہوا۔
’’کہاں جارہی ہو۔ جواب دو مجھے۔‘‘
’’کیا جواب دوں؟ کس بات کا؟‘‘
’’یہ سلسلہ کب سے شروع ہوا ہے؟‘‘
’’کون سا سلسلہ؟‘‘ اسے واقعی کچھ سمجھ میں نہیں آیا۔
’’مرتضیٰ سے کب سے مل رہی ہو؟‘‘ اس نے مٹھیاں بھینچتے ہوئے کہا۔ ’’کب سے چکر چلا رہی ہو اس سے؟‘‘
اس کی برداشت جواب دے گئی۔ ’’دماغ خراب ہوا ہے آپ کا، میں کیوں ملوں گی مرتضیٰ سے، ایسی بات منہ سے نکالتے ہوئے آپ کو شرم آنی چاہےے۔‘‘ وہ غصے سے چیخی۔
’’کیسے۔۔۔ کیسے یقین کرلوں میں تمہارا، بولو، مجھ سے ملنے آسکتی ہو تو اس کے ساتھ ملاقات کے لےے نہیں جاسکتیں، سب کچھ سچ سچ بتائو مجھے یہ پیغام رسانی کون کرتا ہے۔‘‘ اس نے اس کو بالوں سے پکڑ کر جھنجھوڑا، عجیب وحشت تھی، اس کے لہجے میں۔
اس کی آنکھوں میں بے اختیار آنسو آگئے، یہ اس کا نورالعارفین تو نہیں تھا، یہ تو پتا نہیں کون وحشی تھا جو سر کے پیچھے سے اس کو بالوں سے پکڑے کھڑا تھا۔ حیرت، دکھ اور تاسف سے وہ اس کو دیکھ رہی تھی۔
’’اگر مجھے مرتضیٰ سے محبت ہوتی تو میں آج آپ کے گھر میں نہ ہوتی، یہ کیسے سوچ لیا کہ میں اس کی طرف متوجہ ہوگئی ہوں۔‘‘ وہ اس کے ہاتھوں سے اپنے بال چھڑا کر سسک اٹھی۔
’’پھر وہ کیوں تمہاری طرف دیکھ کر مسکرا رہا تھا؟‘‘ اس کی آنکھوں میں خون اتر آیا۔
’’مجھے کیا پتا؟‘‘ اس نے روتے ہوئے دبی دبی آواز میں کہا۔
’’جھوٹ بولتی ہو تم۔‘‘ اس کا ہاتھ اس کے چہرے پر پڑا۔ اس کی انگلی کی انگوٹھی کا کونا اس کے نچلے ہونٹ کو چھید گیا تھا۔ اس نے گیلاہٹ پر ہونٹ پر ہاتھ رکھا۔ اس کی انگلیاں سرخ ہوگئیں۔
’’مرتضیٰ کی منگیتر تھی، تم نے پیش قدمی کی، محبت کے دام میں پھنسایا، حتیٰ کہ فتح ہماری محبت کی ہوئی۔ آج اک مسکراہٹ کے شک پر تم مجھے مار رہے ہو۔ میرے اعتبار کو ریزہ ریزہ کر رہے ہو۔‘‘
’’تمہیں افسوس ہورہا ہے نا، دیکھا آئی نہ دل کی بات زبان پر۔ تب ہی میرے نکاح میں آکر مجھے دھوکا دے رہی ہو تم جیسی عورتوں کیا بھروسہ جو باپ کی دی ہوئی دس سالہ زبان کو ٹھکرا سکتی ہے، جسے باپ کی عزت کا کوئی خیال نہیں، وہ میری عزت کی کیسے پاسبان ہوگی۔‘‘
وہ عجیب وحشت میں گھر گئی۔ سب کچھ چکنا چور ہوگیا۔ سارے خواب کھوکھلے نکلے۔ سب کچھ راکھ ہوگیا۔ اس کا بیٹا بے بی کاٹ میں رو رہا تھا۔ وہ یہاںسے فوری طور پر بھاگ جانا چاہتی تھی، مگر جاتے ہوئے اس کا بازو اس کی مضبوط جکڑ میں آگیا۔
’’کہاں جارہی ہو؟ مجھے اور خوار کرنے۔‘‘ اس نے بازو سے پکڑ کر اسے اندر کی طرف زور سے دھکیلا۔ وہ گری تھی، ٹیبل کے اوپر، اس کی آنکھ کے کونے اور کنپٹی سے خون بہنے لگا تھا۔
وہ اس کا خون دیکھ کر کچھ ڈھیلا پڑ گیا۔ اس نے دروازے کو اندر سے لاک کر کے چابی اپنی جیب میں رکھی، قریب آکر اس کے دوپٹے کے کونے کولپیٹ کر اس کی آنکھ کے نیچے زور سے دبایا، زین گھر میں تھا، مگر اس وقت وہ کسی کا بھی سامنا کرنے کی ہمت نہیں پارہا تھا، خود میں۔
وہ درازیں کھول کر کچھ ڈھونڈنے لگا، پایوڈین نے اس کے زخم میں جیسے مرچیں بھر دی ہوں، اس نے جیسے تیسے بینڈیج کر دی تھی۔
ا س کا خون بند ہوگیا، وہ اسے وہیں چھوڑ کر خاموشی سے بیڈ پر جا کر لیٹ گیا، اس کا بیٹا روتے روتے تھک کر پھر سو گیا تھا۔ وہ نیچے کونے میں سمٹ کر بیٹھ گئی، ہمیشہ اس کا ہجر اسے وحشت زدہ کر دیتا تھا، مگر آج اس کی قربت اس کو وحشت زدہ کر رہی تھی۔
اس نے اس شخص کو بے تحاشا چاہا تھا۔
ا س کی محبت میں بے شمار طعنے سہے تھے، بے شمار راتیں اس کی یاد میں جاگ کر گزاری تھیں۔
’’سندھیا رانی! کبھی بندوں سے دل نہ لگانا، اگر ہم نے بندوں کے بجائے اللہ سے دل لگایا ہوتا تو آج ولی ہوتے۔‘‘ جیجی کی دھیمی مدھر، مسحور کن سرگوشی ابھری۔
وہ گھٹ گھٹ کر رونے لگی۔ اس کی روح کے زخموں کی چبھن اس سے زیادہ تھی۔
اس نے اس کی محبت پانے کے بعد جو طعنے پلّو سے باندھ لےے تھے،آج وہ سارے کھل گئے، جو زخم مندمل ہوئے تھے، وہ پھر درد کرنے لگے تھے۔
کیا پایا تھا اس نے، کچھ بھی نہیں، تہی دامنی سی تہی دامنی تھی، اس کے عشق کے رنگ بہت کچّے نکلے، وہ جسے عشق سمجھ رہی تھی، وہ تو اک وقتی طلب تھی۔
’’بندے کی بندے سے محبت کی بے تحاشا زیادتی، اور محبت کی بے حد کمی، دونوں ہی بندے کو غافل و تباہ کر دیتی ہےں۔‘‘
جیجی کے لب ہلے اور انگلیاں جیسے اس کے زخموں پر ٹھہر گئی تھیں۔ اس نے آنکھیں موند لیں، شدّت درد سے، اس کی ساری ریاضتیں دم توڑ رہی تھیں وہ خود ٹوٹ رہی تھی۔ ان ہی رائیگاں ریاضتوں کے ساتھ ٹوٹ رہی تھی۔
کاش۔۔۔ کاش جو آنسو میں نے اس کی طلب میں بہائے تھے۔۔۔ اگر وہ آنسو اللہ کی طلب میں بہاتی تو ہر آنسو میرے گناہوں کا کفارہ بن جاتا۔
اگر وہ راتیں خالصتاً خدا کو یاد کرنے کے لےے جاگتی تو عرفان کی کئی منزلیں طے کر کے، قربِ الٰہی کی طرف بڑھ جاتی۔ مگر وہ نہیں سمجھی، وہ جیجی کی نصیحتوں کو ان کی عادت پر محمول کرتی رہی۔
وہ جان نہیں پائی کہ وہ تلقین، وہ نصیحتیں صرف اس کے لےے تھیں۔
ئ ئ ئ ئ
وہ بیڈ پر لیٹا اضطراب سے پائوں ہلا رہا تھا۔
محبت اس کی ساری ترجیحات میں سب سے پہلی ترجیح تھی، پھر یہ ترجیح کیسے بدل گئی، اور کب، کس وقت بدل گئی، اس کو کچھ پتا نہیں چلا تھا۔
وہ ایسی سسی تھی، جس کا پنہوں اسے مل کر پھر کھو گیا تھا۔
اس نے نورالعارفین کو کھو دیا تھا، بے اعتباری کے بھنور میں، اس کی محبت ڈوب رہی تھی۔
’’اماں! کبھی بندوں سے لونا لگانا۔‘‘ اسے جیجی یاد آئیں، بے تحاشا یاد آئیں، اس کا دل چاہا، وہ ان کی گود میں سر رکھے، اپنی تہی دامنی کی داستان کہہ دے۔
وہ رو رہی تھی، سب کچھ گنوا کر رو رہی تھی، اس نے ہجر بھی گنوا دیا، اور وصل بھی۔
محبت نوحہ کناں تھی، اور اس کی رگ رگ میں شور برپا تھا، اس کا دل ماتم کر رہا تھا، کس سے ہوئی تھی اسے محبت، اک شکی فطرت مرد سے، جو اس کو ساری عمر شک کی سولی پر لٹکائے بے اعتباری کے کوڑے لگائے گا۔
اس کے خالی دامن میں راکھ اڑ رہی تھی۔
وہ کیسے دنیا کا سامنا کرے گی، وہ جو محبت پا کر فاتح عالم بن بیٹھی تھی، اس شکست کو کیسے دنیا کے سامنے رکھے گی، اسے شرمندگی نے آگھیرا تھا۔
’’بندے کا عشق کہیں نا کہیں انسان کو ضرور شرمندہ کرتا ہے بیٹا!‘‘ جیجی مسکاتے اس کے تصور میں آٹھہری۔ اس نے ڈرتے ڈرتے گھٹنوں سے سر اٹھا کے بیڈ پر سوئے ہوئے اس شکی مزاج کو دیکھا۔ جو اپنی بھڑاس نکالنے کے بعد سو رہا تھا، اور وہ ساری رات اسی کونے میں خالی دامن، خالی ہاتھ، خالی دل لےے جسم و روح پر لگے زخموں کو سہلاتی رہی تھی۔
فجر کے وقت اس کا سامنا سب سے پہلے جیجی آمنہ سے ہوا تھا۔ا ور انسانی فطرت سے مجبور ہمدردی پا کر اس نے، انہیں سب کچھ بتا دیا، وہ اس کو لے کر سیدھی نورالعارفین کے پاس آئیں۔
’’تم کیا سمجھتے ہو، یہ کوئی بے یار و مددگار تمہیں ملی ہے، جس کو جب چاہو گے جوڑو گے، جب چاہو گے توڑو گے، نورالعارفین! یہ کوئی گڑیا نہیں کہ کہیں بھی جائے تو خاموش بیٹھی رہے، زندہ سانس ہے، آخر ہنسے گی، بولے گی، اک بات میری یاد کرلو کہ اب اگر تم نے اس پر شک کیا، یا ہاتھ اٹھایا تو اس سے پہلے کہ ادا اعجاز نبی شاہ اسے خود لینے آئے، میں خود اس کا ہاتھ پکڑ کر اس سے معافی مانگ کر سندھیا کو اس کو سونپ آئوں گی۔‘‘
وہ سر جھکا کر خاموشی سے سنتا رہا۔ ان کے غضب ناک غصے کے آگے اپنی صفائی میں اک حرف نہیں بول سکا۔
اس نے غیر متوقع طور پر اس کے آگے ہاتھ جوڑ دےے تھے۔
’’مجھے ۔۔۔ مجھے معاف کر دو، سندھیا! وعدہ۔ آئندہ ایسی کوئی بات نہیں ہوگی۔‘‘
شکی مزاج بزدل ہوتا ہے۔ حاصل کرنے کے بعد اس پر شک کرتا ہے، مارتا ہے، پیٹتا ہے، اذیتیں دے کر اپنی مردانگی پر خود ساختہ غیرت کی مہر ثبت کرتا ہے۔
اور جب اس محکوم کے چھن جانے کا خوف ہوتا ہے تو اس کے آگے بیٹھ کر معافی مانگتا ہے، اس کے تلوے چاٹتا ہے، اس کی مردانگی اور بہادری محکوم کے چھن جانے کے خوف سے ہی زائل ہوجاتی ہے۔
اس کے تصور میں ماروی اور جیجی کی آخری ملاقات تازہ ہوگئی تھی۔
جیجی نے مدھم انداز میں مسکرا کر ماروی کو دیکھا تھا،پھر اس کی تائید کی۔
’’بیٹا! حاکمیت چلتی ہی محکوم پر ہے، جو محکوم نہ ہوں تو پھر حاکمیت کیسی۔‘‘ تب اس نے ان باتوں کو سرسری سنا تھا۔
’’میں آئندہ ایسی غلطی کبھی نہیں کروں گا، دیکھو۔۔۔ مجھے معاف کر دو، خدا کے لےے، ماما اعجاز نبی کو یہ مت بتانا۔‘‘ وہ اس کے قدموں میں بیٹھا تھا۔
اس نے خالی خالی نگاہوں سے اسے دیکھا۔
’’میں نے اسے قدموں میں بٹھانے کے لےے تو نہیں چاہا تھا۔‘‘
اس وقت دل بالکل خالی تھا۔ اس کا مکین مکان سے خود ہی کھسک گیا تھا۔
’’میں۔۔۔ میں تم سے دور نہیں رہ سکتا۔‘‘ وہ صوفے کے آگے دو زانو بیٹھاا س کے گھٹنوں پر ہاتھ رکھ کر رو رہا تھا۔
اس کے دل میں کوئی ہلچل نہیں مچی، تباہ شدہ و تاراج و محکوم شہروں میں کوئی ہلچل نہیں ہوتی۔
میں نے اسے چاہا، اسے خود پہ رونا آیا۔ اک بندے کے عشق نے مجھے ذلتوں سے ہمکنار کیا، رسوائیوں سے آشنائی دی، اور اسی بندے نے دنیا کی ساری تہمتیں میرے گلے میں ڈال دیں۔
اور اب ساری عمر اس شک کی چتا میں جلنا ہے کیونکہ اس نے جیجی کی نصیحت کو بھلا دیا تھا کہ بندے کی بندے سے محبت میں خالق کو نہیں بھولنا چاہےے۔ وہ صرف بندے کی ہی ہو کر رہ گئی تھی۔
ئ ئ ئ ئ
وہ بہت آہستہ سے چلتی ہوئی بھٹائی کی درگاہ کی جانب بڑھی۔ برآمدے میں اس کے قدم ٹھہر گئے۔ اس کونے میں شاہ کے فقیر شاہ کا کلام گا رہے تھے۔ سرمارئی کے زندہ و جاوید کلام نے اس کے پائوں جکڑ لےے تھے۔
منہنجو من ملیر، کوٹن میں آئوں کینئیں گزاریاں۔
میرا من ’’قلب‘‘ ملیر ’’ارواحِ عالم‘‘ جسم کے قلعے میں کیسے گزاروں اس عمر ’’نفس نے مجھے قید کر کے رکھا ہوا ہے۔ میںکیسے عمر نفس کا کہنا مانوں، اور محلوں کے عیش و آسائشات میں دل لگائوں۔ میرے لےے تو الست کا عہد ہے، مجھے تو وہ کیا ہوا وعدہ یہاں ’’وفا‘‘ کرنا ہے۔
اس نے ستون سے ٹیک لگا کر آنکھیں موندیں اور شاھ سائیں کے کلام کی روحانی رمزیں یکتارے کی تار سے سر اٹھا رہی تھیں۔
ماروی نے جیجی کا اسلام آباد میں سنا تھا۔ اسے دھچکا لگا تھا۔ سوشل آرگنائزرز کی ٹریننگ تھی، آخر میں ایک سیمینار اٹینڈ کرنا تھا۔ اس کو آتے ہوئے چند دن لگے تھے۔
’’اچھے لوگ بھلے جتنا بھی جئیں اس دنیا کو ان کی ضرورت ہمیشہ رہتی ہے۔‘‘ جواباً سندھیا کی طرف سسکیاں سنائی دی تھیں اسے۔
اور آج اس کے چہرے کے داغ اور نیلوں نے اسے باور کرایا تھا کہ اس نے جیجی کے ساتھ بہت کچھ کھو دیا ہے، اس کے دل پہ عجیب سا بوجھ آپڑا تھا۔ عشق اتنا شدید عشق، اور انجام اتنا کرب ناک۔
اسے سندھیا شاہ کی محبت، تڑپ، شدت پر بے تحاشا رونا آیا۔ فقیروں نے دوسری وائی شروع کر دی۔
پرچن مثال پنہوار ڈھولا۔ مارو موں ساں پرچن شال پنہوار۔
(خدا کرے میرے مارو، میرے اپنے مجھ سے راضی رہیں۔ اس لےے کہ میں نے اپنے پلّو میں بے حد و حساب برائیاں ڈال رکھی ہیں)
’’اے میرے رب ستّار! عیب ڈھانپنے والے۔۔۔ مجھ میں شروع سے برائیں ہیں۔ رحمت کی برساتیں ملیر سے اٹھی ہیں اور ہر جگہ پھیل گئی ہیں۔ پردا رکھنا ستار و مہربان خدا۔‘‘
مراقبائی کیفیت میں نہ جانے کتنا وقت گر گیا۔ بے چینی سراسیمگی اس کی ذات کے اندر پھیلنے لگی۔ لمبی سانس لے کر سر اٹھا کر دوپٹے کے پلّو سے چہرہ صاف کیا۔ دھیرے دھیرے چلتی بھٹائی کے مزار کے سرہانے آئی۔ چاروں قل ، الحمد شریف ، آیت الکرسی پڑھ کر روحِ بھٹائی کو ایصالِ ثواب کیا۔
’’کیا دعا مانگوں؟‘‘ دعا کا کوئی لفظ اس کی سمجھ میں نہیں آرہا تھا۔ اس کے ہاتھ، دل سب خالی خالی۔ چند ثانےے سوچتی رہی۔ شاہ بھٹائی کی قبر کو تکتی رہی۔ جو دان ملنا ہوگا۔ خود ہی مل جائے گا۔ عشق کے بادشاہ کے وسیلے صدقے سے۔
اس نے جیپ میں بیٹھ کر ڈرائیور کو کراڑ جھیل کے کنارے چلنے کو کہا۔ وہ وہاں آکر بیٹھ گئی۔ اس نے بغور کراڑ کے پانی کو دیکھا، اور اس کے دل میں اک عجیب خواہش نے انگڑائی لی۔
وہ کراڑ سے، شاہ لطیف کے بیتوں کا حساب مانگے، وائیوں کو اس پانی میں تلاش کرے۔
’’لوگ میرے کلام کا غلط مطلب و مفہوم نکالیں گے، میرا کلام ان کی سمجھ میں نہیں آئے گا۔‘‘
اور شاہ سائیں عبداللطیف بھٹائی ؒ نے اپنا سارا کلام کراڑ کے پانی کے سپرد کر دیا۔
’’کیوں کیا شاہ سائیں نے ایسا؟‘ کراڑ کے پانی پر اس کی نگاہیں جم گئی تھیں۔
’’جو کلام فقیروں اور شاہ کی اک ملازمہ کو یاد تھا، ہمیں تو وہی دستیاب ہے آج، کاش شاہ سائیں کا وہ نایاب کلام مجھے مل جائے۔‘‘ کیسی عجیب انوکھی خواہش ابھری تھی اس کے من میں۔ مگر یہ تو حسرت ہی رہے گی، اس نے بے ساختہ کراڑ کے پانی میں ہاتھ ڈالا، جیسے صدیوں پہلے ڈوبے ہوئے اوراق کو کھوج رہی ہو۔
اک اداس ملول کرنے والی شام کراڑ کے دوسرے کنارے کے پار اترتی جاتی تھی، اور اس کے اندر دکھ، اداسی گھیرا ڈالے اسے ملول کر رہے تھے۔
’’اف! کیا ہورہا ہے مجھے؟‘ ا س نے سیٹی بجانے والے انداز میں لب سکیڑ کر سانس باہر نکالی تھی۔
آج کیوں بے سبب اداس ہے جی
عشق ہوتا تو کوئی بات بھی تھی
وہ زیرِ لب یہ شعر پڑھ کر محظوظ ہوئی تھی، اس نے بھٹائی کی نگری سے واپسی کا سفر شروع کر دیا تھا۔ واپسی کا سفر ہمیشہ تھکا دینے والا ہوتا ہے، یہ کراڑ سے سندھو دریا تک کا سفر تھا۔ جام شورو میں دریا کی گود خالی تھی، وہ بانجھ ہوجاتا، پانی کے بغیر دریا بے فیض ہوتا ہے، اور محبت کے بغیر انسان۔
سندھیا شاہ کے جسم کے نیلوں کے بعد بھی عشق کا سفر جاری رہتا ہے، اس کے ذہن میں بہت سارے داغ، بہت سارے چہرے آئے تھے۔ محبت نہ رکنے والا سلسلہ ہے، انجام کا پتا ہو تب بھی ہوجاتی ہے، اس کے سامنے انسان بالکل مجبور ہے، وہ اسے اپنا لیتا ہے۔
عشق کا سفر جاری رہتا ہے، کیونکہ عشق تشنگی کا سفر ہے، اگر سیرابی ہوجائے تو یہ سفر رک جاتا ہے۔
اس سفر میں کچھ خود کو کھوج لیتے ہیں، کچھ خود کو کھو دیتے ہیں۔
پتا نہیں کامیابی کس کے حصے میں آتی ہے۔
اس نے تھک کر سیٹ کی بیک سے ٹیک لگائی، تب اس وقت ماروی کو پتا نہیں تھا کہ عشق کے بادشاہ نے اس کی خالی ہتھیلیوں میں بھی عشق دھر دیا تھا۔
*****









