تیرے لےے ہے میرا دل – فرحت اشتیاق

ناولٹ 2

وہ اسے پچھلے ایک مہینے سے یہاں آتا دیکھ رہے تھے۔ پتا نہیں اس میں ایسی کیا بات محسوس ہوئی تھی جو وہ اس کی طرف متوجہ ہوگئے تھے۔ خود ان کا تو برسوں پرانا معمول تھا کہ وہ شام میں واک کرنے کے لےے پارک آیا کرتے تھے۔ مگر اس لڑکی کو انہوں نے اس سے پہلے یہاں آتے کبھی نہ دیکھا تھا۔

یہ ایک مہینہ پیشتر کی بات تھی جب انہوں نے اسے پہلی مرتبہ دیکھا تھا۔ روزانہ چھ بجے کے قریب وہ پارک آتی اور پارک کے کونے میں بالکل الگ تھلگ سی بینچ پر بیٹھ جایا کرتی۔ اتنے وسیع پارک کے قدرے سنسنان سی جگہ پر واقع اس بینچ پر کوئی اور بیٹھتا بھی نہیں تھا۔ اسی لےے اس کی یہ مخصوص بینچ اسے روز ہی خالی ملتی۔ وہ بظاہر کھیلتے کودتے بچوں پر نگاہیں مرکوز کےے بیٹھی رہتی مگر انہیں ایسا لگتا جیسے وہ صرف جسمانی طور پر یہاں موجود ہے ورنہ اس کا دل اور دماغ کہیں اور ہی مصروف عمل ہیں۔ عجیب سی تھکاوٹ اور بے زاری اس کے چہرے پر چھائی رہتی تھی۔ جیسے وہ ساری دنیا سے ناراض ہے۔ اسے لوگوں نے بڑا مایوس کیا ہے اور وہ اپنی تنہائی اور اکیلے پن کا سوگ منانے یہاں آتی ہے۔

مغرب کا وقت ہوتا اور بچے پارک سے جانا شروع کردیتے وہ تب بھی ویسے ہی بیٹھی رہتی۔ پھر جب اندھیرا ہلکا ہلکا پھیلنا شروع ہوجاتا وہ بینچ پر سے یوں کھڑی ہوتی جیسے ابھی بھی یہاں سے جانا نہیں چاہتی۔

وہ جو اپنی عمر کا ایک بڑا حصہ لوگوں اور ان کے رویوں کو سمجھنے میں گزار چکے تھے، اپنے تجربات کی روشنی میں یہ بات کہہ سکتے تھے کہ وہ اپنے گھر اور گھر کے افراد سے روٹھی ہوئی ایک ناراض سی لڑکی ہے۔ وہ جگہ جہاں وہ رہتی تھی شاید وہاں رہنا ہی نہیں چاہتی تھی اسی لےے اس جگہ سے فرار حاصل کرنے کے لےے یہاں چلی آتی تھی۔ مگر یہاں آنے کے باوجود وہ اس جگہ سے متعلق تکلیف دہ سوچوں کو جھٹک نہیں پاتی تھی اسی لےے لاشعوری طور پر سارا وقت وہیں کے بارے میں سوچتی رہتی تھی۔ روزانہ واک کرتے ہوئے وہ دو تین بار اس کے سامنے سے گزرتے تھے مگر وہ کبھی بھی ان کی طرف متوجہ نہیں ہوئی تھی۔

آج ایک دم ان کا دل چاہا کہ اس سے جا کر بات کریں اور اسے سمجھائیں کہ اتنی اداسی اور دل گرفتگی اچھی نہیں۔ اگر تمہیں کوئی دکھ پہنچا بھی ہے تو اسے برداشت کرنے کی کوشش کرو اور خدا کی رحمت سے مایوس مت ہو۔

اپنی اس سوچ کو عملی جامہ پہنانے کے لےے وہ واک کرتے ہوئے اس کے پاس آگئے اور بولے۔

’’ہیلو ینگ لیڈی! کیا میں آپ کے پاس بیٹھ سکتا ہوں؟‘‘

وہ اپنے کسی دھیان سے چونک کر ان کو حیران نظروں سے اپنے سامنے کھڑا دیکھ رہی تھی۔ شاید ان کی بات اس نے صحیح طور پر سنی بھی نہیں تھی۔ اس کے چہرے کے حیرت بھرے تاثرات کے پیش نظر وہ دوبارہ بولے۔

’’بیٹا کیا میں آپ کے پاس بیٹھ سکتا ہوں؟‘‘

’’جی ضرور۔‘‘وہ کچھ بوکھلا کر بولی تھی۔ اس کی سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ وہ کون ہیں اور اس کے پاس کیوں بیٹھنا چاہتے ہیں۔ اس کے بولتے ہی وہ فوراً بینچ پر بیٹھ گئے اور اس کی طرف دیکھ کر مسکراتے ہوئے بولے۔

’’مجھے نئے نئے دوست بنانے کا بہت شوق ہے۔ یہ اور بات ہے کہ دوستی کے معاملے میں، میں بڑا چوزی ہوں صرف انہیں لوگوں سے دوستی کرتا ہوں جو مجھے اچھے لگتے ہیں اور تم کیونکہ مجھے بہت اچھی لگی ہو اس لےے میں تم سے دوستی کرنا چاہتا ہوں۔‘‘

ان کے بے تکلفانہ انداز تخاطب پر وہ بے اختیار مسکرا دی اور بولی۔

’’آپ تو مجھے جانتے بھی نہیں ہیں پھر میں آپ کو اچھی کیسے لگ گئی؟‘‘

’’اچھی لگی ہو اسی لےے تو جاننا چاہتا ہوں کہ میری نئی دوست کون ہے کہاں رہتی ہے وغیرہ وغیرہ۔‘‘

ان کا دھیما اور پرخلوص سا انداز اسے بے اختیار اپنی گرفت میں لے گیا۔ وہ اب بڑے دھیان اور غور سے ان کی طرف دیکھنے لگی ان کے چہرے پر اتنی شفقت اور محبت محسوس ہورہی تھی کہ وہ ان کی بات کا جواب دینے کے بجائے ایک ٹک انہیں دیکھتی رہی۔ اسے اتنی توجہ سے اپنی طرف دیکھتے پا کر وہ قدرے شریر انداز میں بولے۔

’’کیا میں آج بھی اتنا ہینڈسم ہوں کہ لڑکیاں اتنے غور سے مجھے دیکھیں؟‘‘ ان کی بات پر وہ بے اختیار کھلکھلا کر ہنس پڑی تھی۔ وہ اس کے ہنستے مسکراتے چہرے کو بڑی دلچسپی سے دیکھ رہے تھے۔

’’میرا خیال ہے کہ پہلے میں ہی اپنا تعارف کروا دیتا ہوں۔‘‘ کچھ دیر کی خاموشی کے بعد وہ اس سے مخاطب ہوئے۔

’’میرا نام سید مبشر لودھی ہے۔ عمر انہتر سال ہے۔ بقول شاعر کبھی ہم خوب صورت تھے۔ اگر تم چالیس پچاس سال پہلے ملی ہوتیں تو دیکھتیں کہ اسمارٹنیس اور خوب صورتی کسے کہتے ہیں۔‘‘

وہ اتنے ہنس مکھ سے تھے کہ وہ اپنی ریزرو رہنے والی نیچر کے باوجود قہقہہ لگا کر ہنس پڑی اور بولی۔

’’آپ ابھی بھی بہت ہینڈسم ہیں اور اگر خود اپنے منہ سے اپنی ایج نہ بتائیں تو ساٹھ سے زیادہ کے تو لگتے بھی نہیں ہیں۔‘‘ اس کی بات پر وہ بھی ہنس پڑے اور بولے۔

’’بچی تم میرا دل رکھنے کو تو ایسا نہیں کہہ رہیں کہ چلو بڑے میاں کو تھوڑا خوش کر دیں۔‘‘

’’آئی سویئر میں سچ کہہ رہی ہوں۔‘‘ پتا نہیں ان کی شخصیت اور بولنے کے انداز میں کیسا جادو تھا کہ وہ خود بخود ان کی طرف کھنچتی چلی جارہی تھی۔

’’چلو تم کہہ رہی ہو تو مان لیتا ہوں۔‘‘ وہ اس کی بات کا مزا لیتے ہوئے بولے۔

’’خیر میں اپنا انٹروڈکشن کروارہا تھا۔ بڑی مصروف اور بھاگتی دوڑتی زندگی گزاری ہے میں نے۔ اسی لےے اب آرام سے ریٹائرڈ لائف کو انجوائے کر رہا ہوں۔ ان دنوں کچھ لکھنے پڑھنے سے زیادہ ہی شغف ہوگیا ہے۔ اس لےے سارا دن اپنی اسٹڈی میں کتابیں پڑھنے میں گزار دیتا ہوں۔ اپنے یورپ اور افریقہ کے ممالک کے دوروں کے نتیجے میں وہاں کے حالات اور اپنے تجربات پر مبنی دو عدد سفر نامے لکھ چکا ہوں۔ آج کل کچھ قریبی دوستوں کے مشورے پر اپنے مختلف موضوعات پر لکھے گئے آرٹیکلز جو اخبارات میں شائع ہوچکے ہیں کو کتابی شکل دینے کی کوشش کر رہا ہوں۔ یہیں ڈیفنس میں رہتا ہوں۔‘‘

وہ ان سے بڑی مرعوب اور متاثر نظر آرہی تھی۔

’’اب تم اپنے بارے میں بتائو۔‘‘ وہ اس سے مخاطب ہوئے۔

’’آپ جیسے عالم فاضل اور انٹیلکچوئل کے سامنے میں اپنا کیا تعارف کروائوں۔ بہرحال میرا نام اجالا شہریار ہے اور میں نے انڈس ویلی سے فائن آرٹس میں گریجویشن کی ہے۔ ان دنوں ایک آرٹ اسکول میں جاب کر رہی ہوں۔ میں بھی ڈیفنس ہی میں رہتی ہوں۔‘‘

’’اچھا تو میری ننھی دوست ایک آرٹسٹ ہے۔ بھئی میں تو پہلی نظرہی میں جان گیا تھا کہ تم بڑی ٹیلنٹڈ لڑکی ہو۔‘‘ وہ اپنی تعریف پر مسکراتی ہوئی بولی۔

’’اتنی ننھی بھی نہیں ہوں جتنا آپ سمجھ رہے ہیں۔ اس جنوری میں، میں پورے چھبیس سال کی ہوگئی ہوں۔‘‘ وہ اس کے صاف گوئی سے اپنی عمر بتانے پر ہنس پڑے اور بولے۔

’’میرے آگے تو چھوٹی سی بچی ہی ہو۔ خیر یہ بتائو تمہیں مجھ سے دوستی کرنا منظور ہے۔‘‘ وہ جواب میں اپنا سر اثبات میں ہلاتے ہوئے بولی۔

’’کیا اب تک ہماری دوستی ہو نہیں چکی؟‘‘

’’نہیں باقاعدہ دوستی تو نہیں ہوئی نا۔ اب تم دوستی کرنے کے لےے مان گئی ہو تو میں تمہیں بتائوں گا کہ میں دوستی میں بھی ڈکٹیٹر شپ کا قائل ہوں۔ لہٰذا میری پہلی ڈکٹیشن تو یہ ہے کہ مجھے روتے بسورتے چہرے بہت زہر لگتے ہیں اس لےے اگر مجھ سے فرینڈ شپ کرنی ہے تو جب بھی مجھے ملو ہنستی مسکراتی نظر آنا۔ ٹھیک ہے۔‘‘ وہ اپنا ہاتھ اس کے سامنے پھیلاتے ہوئے بولے۔ اس نے کچھ جھجکتے ہوئے ان کے بھاری مردانہ ہاتھ میں اپنا ہاتھ دے دیا اور گردن ہلادی۔ انہوں نے بڑی گرم جوشی سے اس کا ہاتھ دباتے ہوئے چھوڑ دیا۔ پھر کچھ دیر وہ اس سے فائن آرٹس اور اس کی جاب کے بارے میں بات کرتے رہے۔ اذان سے کچھ پہلے وہ اٹھے تو اجالا بھی ان کے ساتھ ہی کھڑی ہوگئی۔ دونوں چہل قدمی کرتے ہوئے پارک سے نکل آئے۔ پارک سے پانچ چھ منٹ کی واک پر ان کا گھر تھا۔ سڑک کے کنارے پہ کھڑے ہو کر انہوں نے اسے اشارے سے اپنا گھر دکھایا اور چلے گئے تو وہ بھی آگے بڑھ گئی۔

اگلے روز وہ پارک آئی تو وہ اسے واک کرتے ہوئے نظر آئے۔ اس ایج میں بھی ان کی فزیکل فٹنس زبردست تھی۔ چھ فٹ قد اور مضبوط ڈیل ڈول۔ ان کی نہ تو کمر جھکی ہوئی تھی نہ ہی چال میں سست رفتاری نظر آرہی تھی۔ گہری اور چمک دار آنکھیں تو مخاطب کو مقناطیس کی طرح اپنی طرف کھینچ لیں۔ داڑھی نے ان کے چہرے کو ایک عجیب سے نورانی ہالے میں لے رکھا تھا۔ اسے دیکھ کر انہوں نے دور سے ہاتھ ہلا کر وش کیا تھا۔ وہ مسکراتی ہوئی تیز قدموں سے چلتی ان کے پاس آگئی اور بولی۔

’’السلام علیکم۔‘‘

’’وعلیکم السلام کیسی ہو بیٹا؟‘‘ وہ شفقت سے مسکرا کر بولے۔

’’میں ٹھیک ہوں انکل آپ کیسے ہیں؟‘‘

’’میں بھی بالکل ٹھیک ہوں۔ آئو آج بیٹھنے کے بجائے تم بھی میرے ساتھ واک کرو۔‘‘

اسے آفر کرتے انہوں نے چلنا شروع کیا تو وہ بھی ان کے قدم سے قدم ملا کر چلنے لگی۔ کافی دیر تک وہ دونوں واک کرتے رہے اس دوران انہوں نے آپس میں بہت ساری باتیں کیں۔ ایک دوسرے کی پسند نا پسند وغیرہ کے بارے میں آگاہی حاصل کرتے رہے۔ بات کرتے کرتے اچانک ان کی نظر اپنی گھڑی پر پڑی تو بوکھلا کر بولے۔

’’مارے گئے، وہ الو تو مجھ سے سخت ناراض بیٹھا ہوا ہوگا۔‘‘ اس کی حیران شکل پر نظر پڑی تو مسکرا کر بولے۔

’’میرا پوتا ہے اویس۔ اسے اکثر میں پیار سے الو ہی کہتا ہوں۔ اب کہیں تم اسے کوئی احمق سی مخلوق نہ سمجھ لینا۔ بڑا جینئس اور لائق ہے۔ یہ بات صرف میں ہی نہیں اسے جاننے والے تمام لوگ کہتے ہیں۔ بچپن سے لے کر آج تک زندگی کے ہر میدان میں اول رہا ہے۔ پڑھائی میں تو خیر اچھا تھا ہی لیکن اسپورٹس میں بھی اس کی کارکردگی نہایت شاندار تھی۔ اسکواش، سوئمنگ اور پولو ان تمام گیمز میں اس نے ہمیشہ ہی فرسٹ پرائز حاصل کیا ہے۔ اس جیسا ڈبیٹر کوئی اور ہو ہی نہیں سکتا۔ بڑی ہی قطعی نیچر کا مالک ہے۔ اپنے ارادوں میں اٹل اور قطعی فیصلے کرنے والا۔ دلیر، نڈر اور مستقل مزاج۔ ہارنا تو جیسے اس نے سیکھا ہی نہیں ہے۔ آکسفورڈ میں بھی اپنی ذہانت اور لیاقت کے جھنڈے گاڑھ کر آیا ہے۔ اس کے وہاں کے پروفیسرز آج بھی اسے یاد کرتے ہیں۔ ان تمام باتوں کے علاوہ مجھ سے بہت پیار کرتاہے اور اب میرا اتنا پھیلا ہوا بزنس وہی سنبھال رہا ہے۔ مجھے اس نے ریٹائرمنٹ دلوادی ہے۔‘‘

ان کے لہجے میں اپنے پوتے کے لےے محبت، فخر، مان اور کیا کیا کچھ نہ تھا۔ وہ ان کے چہرے پر بکھرے ہوئے ان رنگوں کو بڑی حسرت سے دیکھ رہی تھی اس کے لےے اس لہجے میں محبتیں اور چاہتیں جتانے والا کوئی نہ تھا۔ وہ کسی کی عزیز از جان نہیں تھی۔ کسی کو اتنی فرصت نہ تھی کہ اس کی خوبیوں کو سراہتا اور اپنی والہانہ چاہت کا اظہار کرتا۔ وہ ایک عجیب سے تاسف اور دکھ کو اپنے دل میں گھر کرتا ہوا محسوس کرنے لگی۔ جبکہ وہ اس کی کیفیت سے بے خبر کہہ رہے تھے۔

’’آج ذرا جلدی گھر جانا ہے۔ تم چل رہی ہو یا ابھی رکو گی؟‘‘ ان کی بات پر وہ ایک گہری سی سانس لے کر بولی۔

’’نہیں میں بھی آپ کے ساتھ ہی چل رہی ہوں۔‘‘ کل کی طرح وہ دونوں ساتھ ساتھ چلتے باہر نکل آئے۔ ان کے گھر کی اسٹریٹ کے کنارے انہیں خدا حافظ کہتی وہ آگے بڑھ گئی تھی۔

پھر ان سے روز پارک میں ملنا جیسے ایک معمول سا بن گیا تھا۔ وہ کیونکہ واک کرنے آتے تھے سو اجالا بھی انہیں جوائن کر لیتی اورپھر گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ ان کی سنگت میں گزار کر جب وہ واپس لوٹتی تو خود کو بہت ترو تازہ اور خوش محسوس کرتی۔ ان کی کمپنی اتنی دلچسپ ہوتی کہ اسے بوریت کا احساس ہی نہیں ہوتا تھا۔ عام بوڑھے افراد کی طرح انہیں نئی نسل میں سینکڑوں خرابیاں بھی نظر نہیں آتی تھیں۔ وہ محض تنقید کرنے کے لےے یا جنریشن گیپ کے پیش نظر ہمارے زمانے میں تو یوں ہوتا تھا یہ آج کل کی نسل تو نری واہیات ہے۔ جیسے فقرے بھی نہیں بولا کرتے تھے۔ جہاں انہیں اپنے زمانے کا میوزک، فلمیں اور لٹریچر پسند تھا وہیں وہ نئی نسل کے بھی بہت سے گلوکاروں کو پسند کرتے تھے۔ نئے دور کی عمدہ اور معیاری فلمیں اور کتب بھی ان کی من پسند تھیں۔ اسی لےے اسے کبھی بھی ایسا محسوس نہیں ہوا کہ وہ کسی ڈل سے بوڑھے شخص کے ساتھ وقت گزار رہی ہے۔

کمپیوٹر اور انٹرنیٹ تک کے بارے میں ان کی معلومات اتنی اپ ٹوڈیٹ تھیں ہ وہ خود ان سے بہت کچھ سیکھ رہی تھی۔ انہوں نے اس سے کبھی بھی اس کے گھر یا گھر والوں سے متعلق کوئی سوال نہیں کیا تھا۔ زیادہ تر وہ لوگ جنرل ٹاپکس پر باتیں کرتے رہتے۔ اسے ان کی یہ عادت بہت اچھی لگتی تھی کہ وہ بلا وجہ کے تجسس میں مبتلا ہو کر اس سے پرسنل باتیں نہیں پوچھا کرتے تے اور کیونکہ وہ اپنے گھر کے حوالے سے کوئی بات کرنا بھی نہیں چاہتی تھی اس لےے ان کی اس عادت سے بہت خوش تھی۔ خود وہ البتہ باتوں باتوں میں اکثر اپنے پوتے کا ذکر کیا کرتے تھے۔

بات چاہے کسی بھی موضوع پر ہورہی ہوتی اس کا کسی نہ کسی طرح سید اویس لودھی سے لنک جوڑ دیا جاتا تھا۔ اگر کھانے پینے کی بات ہورہی ہوتی تو وہ کہتے ’’اویس کو سی فوڈ اور مختلف قسم کے سلاد کھانے کا بہت شوق ہے۔ کھانے کی میز پر بیٹھ کر پہلے اپنا آدھا پیٹ تو سلاد سے بھر لیتا ہے۔ اسی لےے ہمارے خانساماں بے چارے کو اس کی وجہ سے مختلف کھانے پکانے کی کتابوں اور ٹی وی پروگراموں سے استفادہ کرنا پڑتا ہے تاکہ اسے روز نئی سے نئی طرح کے سلاد بنا کر کھلا سکے۔‘‘

اگرکتابوںکی یا پڑھنے پڑھانے کی بات ہورہی ہوتی تو کہتے۔

’’اویس کو بھی میری طرح کتابوں سے عشق ہے۔ روزانہ رات کو سونے سے پہلے کچھ نہ کچھ ضرور پڑھتا ہے چاہے وہ کوئی میگزین ہو یا کوئی کتاب۔‘‘ وہ اپنے پوتے سے والہانہ عشق کرتے تھے۔ اسی لےے یہاں نہ ہوتے ہوئے بھی وہ ان کے پاس موجود ہوتا تھا۔ ان دونوں کے بیچ وہ ایک تیسرے فرد کی طرح ہمیشہ ساتھ رہتا تھا۔

اس روز بھی وہ ان کے ساتھ واک کرتی ہوئی ان کی باتیں بغور سن رہی تھی۔ گفتگو کا موضوع بعض لوگوں کا اپنی کسی بھی عادت کو نشے کی طرح اختیار کر لینا تھا۔ اپنی عادت کے مطابق وہ اپنے پوتے کا ذکر کرنا نہ بھولے اور بولے۔

’’اویس کی ایک یہی عادت مجھے ناپسند ہے۔ حالانکہ اس نے کبھی میرے سامنے سگریٹ نہیں پیا، لیکن مجھے معلوم ہے کہ وہ اسموکنگ کرتا ہے۔ ویسے اپنی فٹنیس کا اور اپنی ہیلتھ کا اتنا خیال رکھتا ہے روزانہ صبح باقاعدگی کے ساتھ ایکسر سائز کرتا ہے۔ شام میں سوئمنگ کرتا ہے اور ہفتے میں دو تین بار اسکواش کھیلنے بھی جاتا ہے مگر اسموکنگ سے باز نہیں آتا۔‘‘ ان کی بات بڑے غور سے سنتے ہوئے وہ ایک دم بول پڑی۔

’’وہ کیا آپ کی بات نہیں مانتے؟‘‘

’’نہیں خیر ایسی تو کوئی بات نہیں۔ دراصل اس نے کبھی میرے سامنے اسموکنگ کی ہی نہیں ہے اس لےے میں اسے کبھی ٹوک نہیں پایا۔‘‘

اتنے عرصے سے اس کے بارے میں سنتے سنتے اسے اب وہ نادیدہ بندہ بڑا جانا پہچانا سا لگنے لگا تھا۔ اسے یونہی خیال آیا کہ وہ ہمیشہ اپنے پوتے ہی کا ذکر کرتے ہیں کبھی بیٹے اور بہو کی کوئی بات نہیں کی۔ اپنے اس خیال کے پیش نظر وہ بول اٹھی۔

’’آپ کے بیٹا اور بہو کیا کہیں دوسرے ملک میں رہتے ہیں۔‘‘

اس کے سوال پر ایک تاریک سا سایہ ان کے چہرے پر نظر آیا تھا۔ ان کا ہنستا مسکراتا چہرہ ایک دم ویران اور برسوں کا بیمار نظر آنے لگا تھا۔ ان کے کچھ کہے بغیر ہی اسے اپنے سوال کا جواب مل گیا تھا اور وہ اب بڑی شرمندگی میں گھری کھڑی تھی۔

’’آئم سوری میں نے آپ کو دکھی کر دیا۔‘‘

اس کی بات پر وہ ایک دم چونک کر اس کی طرف متوجہ ہوئے اور بڑے دکھی انداز میں دھیرے سے بولے۔

’’یہ دکھ تو ہر لمحہ میرے ساتھ ہے۔ لیکن بعض اوقات ہمیں اپنے تمام دکھ اور رنج و الم اپنے سے وابستہ دوسرے افراد کی وجہ سے دل کے کسی نہاں خانے میں چھپانے پڑتے ہیں۔ لیکن اس طرح کرنے سے بھی اس دکھ کی شدت کم تو نہیں ہوجاتی۔ آج جو میں زندہ ہوں تو صرف اویس کی وجہ سے ورنہ برسوں پہلے جوان بیٹے اور بہو کی موت کی خبر سن کر ہی شاید میں مر گیا ہوتا۔‘‘ اس کی اتنی ہمت ہی نہیں ہورہی تھی کہ وہ ان ہنستی مسکراتی زندگی سے بھرپور آنکھوں میں نمی دیکھ سکے اس لےے چپ چاپ سر جھکائے ان کی بھرائی ہوئی آواز سن رہی تھی۔ پھر وہ ایک دم اپنی آنکھیں رگڑ کر صاف کرتے ہوئے اس سے بولے۔

’’آج میں تمہیں اپنے بارے میں بہت ساری باتیں بتائوں۔‘‘ وہ ان کی طرف نظر ڈالے بغیر ان کے ساتھ چلتی بینچ پر آکر بیٹھ گئی۔ کچھ دیر بعد اس نے سنا وہ آسمان پر نگاہیں جمائے بول رہے تھے۔

’’کبھی ہمارا ایک محبت بھرا آشیانہ ہوا کرتا تھا۔ جس میں، میں، صبیحہ اور دانیال رہا کرتے تھے۔ صبیحہ میرے ماموں کی بیٹی تھی۔ ہماری شادی بزرگوں کی مرضی سے طے پائی تھی مگر اس میں ہم دونوں کی پسند بھی شامل تھی۔ وہ بہت اچھی تھی۔ بڑی ہمدرد، نیک دل اور خدمت گزار، ایسی بیوی قسمت والوں ہی کو ملا کرتی ہے۔ اس نے میری زندگی میں شامل ہو کر اسے ہر لحاظ سے مکمل کر دیا تھا۔ میرے کہے بغیر میرے دل کا حال جان لینے والی وہ مجھ سے بہت محبت کرتی تھی۔ پھر ہماری زندگی میں دانیال آگیا تو جیسے ہر طرف خوشیاں ہی خوشیاں پھیل گئیں۔ ہماری زندگی خوشیوں اور مسرتوں سے بھرپور تھی۔ وقت گزرتا گیا دانیال بڑا ہوگیا۔ وہ بڑا ذہین اور قابل تھا بالکل میرے اویس کی طرح۔ ہم دونوں میاں بیوی اپنے بیٹے کی کامیابیوں پر فخر کیا کرتے تھے۔ وہ تھا بھی بہت اچھا بڑا فرماں بردار اس نے تمام زندگی کبھی مجھ سے یا اپنی ماں سے اونچی آواز میں بات نہیں کی۔ کبھی ہمارا کہا نہیں ٹالا۔ اس کے اخلاق اور اچھی فطرت کے اپنے پرائے سب ہی گن گاتے تھے۔ جب وہ اپنی زندگی میں ہر لحاظ سے سیٹ ہوگیا تو ہم لوگوں نے اس کی شادی کے بارے میں سوچا۔ صبیحہ اپنے طور پر خاندان کی دو تین لڑکیوں کو اس کے لےے پسند کرتی تھی۔ مگر اس نے اپنی پسند سے شادی کرنے کا فیصلہ سنایا تو مجھے تو کوئی اعتراض نہ تھا مگر صبیحہ روایتی مائوں کی طرح اس بات پر ناراض ہوگئی۔ زندگی میں پہلی مرتبہ میرے بیٹے نے کسی چیز کے لےے ضد کی تھی۔ میرے سمجھانے بجھانے کے باوجود صبیحہ اپنی ضد سے ایک انچ پیچھے نہ ہٹی۔ مگر اس موقع پر دانیال بھی حد درجے ضدی اور سرکش ثابت ہوا۔ اس نے فیصلہ سنا دیا کہ شادی کرے گا تو سبین سے ورنہ کسی سے بھی نہیں کرے گا۔ بلآخر میرے بہت سمجھانے اور منانے پر صبیحہ اس شادی کے لےے تیار ہوگئی لیکن دل سے وہ دانیال سے سخت ناراض تھی۔

سبین بہو بن کر ہمارے گھر میں آگئی تو پتا چلا کہ ہمارے فرماں بردار بیٹے نے کسی غلط چیز کے لےے ضد نہ کی تھی۔ وہ اتنی پیاری تھی کہ میں بتا نہیں سکتا۔ شکل صورت میں تو لاجواب تھی ہی۔ اپنی عادتوں میں بھی بے مثال تھی۔ وہ یونیورسٹی میں دانیال سے دو سال جونیئر تھی مگر اس کے سادگی اور معصومیت دیکھ کر لگتا ہی نہیں تھا کہ اس نے اتنا سارا پڑھا ہوا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ صبیحہ کا غصہ بھی جاتا رہا اور وہ دونوں ساس بہو کے بجائے ماں بیٹی نظر آنے لگیں۔ پھر ہمارے گھر کی رونقوں کو دوبالا کرنے کے لےے اویس آگیا۔ وہ ننھا فرشتہ اپنے ماں باپ اور دادی کی آنکھوں کا تارا تھا اور میری تو بات ہی کیا تھی مجھے تو اس سے ایک عجیب سا عشق ہوگیا تھا۔ شاید اس کی بے تحاشا محبت خدا نے میرے دل میں اسی لےے ڈال دی تھی کہ اس بن ماں باپ کے بچے کی پرورش مجھے کرنی تھی۔ دانیال اور سبین کے ہوتے ہوئے بھی وہ ہر وقت میرے ساتھ رہا کرتا تھا۔ یہاں تک کہ رات کو سوتا بھی میرے پاس تھا۔

پھر جب وہ دو سال کا ہوا تو ایک روز اچانک صبیحہ مجھے چھوڑ گئی۔ اس وقت تو اس کے چلے جانے پر میں بہت اپ سیٹ ہوا تھا مگر خدا کے ہر کام میں ہی کوئی نہ کوئی مصلحت ہوتی ہے۔ اچھا ہوا جو وہ بیٹے اور بہو کا غم دیکھنے سے پہلے اس دنیا سے چلی گئی۔ اس کے جنازے کو اس کے جواں بیٹے نے کندھا دیا تھا وہ خوش قسمت تھی اور میں بڑا ہی بد نصیب جس نے اپنے جوان بیٹے کے لاشے کو اپنے کندھے پر اٹھا یا تھا اور ستم یہ کہ مجھے پھر بھی جینا تھا اپنے اویس کی خاطر۔ دانیال کے دوست کی شادی تھی جس میں شرکت کے لےے وہ اور سبین حیدرآباد گئے تھے۔ اویس مجھ سے مانوس ہونے کے سبب میرے پاس ٹھہر گیا تھا۔

شادی میں شرکت کر کے واپس آتے ہوئے ان کی گاڑی کا ایکسیڈنٹ ہوگیا تھا۔ ایکسیڈنٹ اتنا شدید تھا کہ دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔ یہ اطلاع پا کر میرا جو حال ہوا وہ بیان نہیں کر سکتا۔ بس یہ ہوا کہ اس دنیا میں میں اکیلا ہوگیا تھا۔ میرا آشیانہ تنکا تنکا ہو کر بکھر گیا تھا۔ میرا دل مرنے کو چاہنے لگا تھا۔ مگر مجھے جینا تھا۔ اپنے  دانیال کی نشانی کی حفاظت کرنی تھی۔ وہ پانچ سال کا معصوم بچہ اسے تو شاید اپنے نقصان کا صحیح سے اندازہ بھی نہیں تھا۔

 اسے تو اس وقت یہ پتا بھی نہیں تھا ہ وہ کتنی بڑی نعمت سے محروم ہوگیا ہے۔ بس پھر اویس کی خاطر میں نے خود کو سنبھالا۔ وہ بچپن ہی سے بڑا حساس بچہ تھا۔ میرے کہے بنا میرا ہر دکھ اس نے اپنے اندر اتار لیا۔ ہم دونوں کو ایک دوسرے کے سامنے اپنی بات کی وضاحت کے لےے لفظ استعمال نہیں کرنے پڑتے وہ مجھے اور میں اسے مکمل طور پر جانتے ہیں۔ ہماری محبت بڑی نرالی اور انوکھی ہے۔‘‘

ان کی آنکھ سے بہنے والے اس واحد آنسو کو اس نے اپنے ہاتھ سے پونچھ دیا تھا اور پھر اپنی انگلی کی پور پہ ٹھہرے اس آنسو کو دیکھ کر ان سے بولی تھی۔

’’آپ بہت عظیم انسان ہیں۔ اتنے دکھ اٹھا کر بھی اتنے خوش اور مطمئن نظر آتے ہیں۔ تقدیر سے شاکی نہیں آپ کو اللہ سے کوئی شکوہ نہیں۔‘‘

اس کی بات کے جواب میں ایک تھکی ہوئی اداس سی مسکراہٹ ان کے ہونٹوں پر پھیلی تھی۔

’’اللہاپنے بندوں سے بہت پیار کرتا ہے۔ اس نے اگر مجھ سے کچھ لے لیا تو اس سے کئی گنا بڑھ کر دیا بھی تو ہے اور جو واپس لے لیا وہ بھی تو اسی کا تھا۔ اسی کی تو عنایت تھی کہ اس نے ایک اچھی بیوی اور فرماں بردار بیٹا مجھے دیا تھا اور اب بھی اس کا رحم و کرم مجھے اپنے گھیرے میں لےے ہوئے ہے۔ میرا اویس میرے پاس ہے اور میں اپنے رب کا شکر گزار ہوں۔‘‘

کچھ دیر بعد جب وہ اپنے گھر جانے والے راستے کی طرف بڑھ رہی تھی تو اس نے محسو س کیا کہ وہ جو ہر دم اللہ سے اور اپنی قسمت سے ناراض رہا کرتی تھی اچانک بدل گئی ہے۔ اسے محسوس ہوا کہ دنیا میں صرف وہی دکھی اور تنہا نہیں اس سے بھی بڑھ کر غمزدہ اور تنہا لوگ موجود ہیں لیکن وہ اپنے دکھوں سے سمجھوتا کر لیتے ہیں اور اللہ کی رضا میں راضی ہوجاتے ہیں۔

کتنے عرضے بعد اس روز وہ سکون سے سوئی تھی۔ وہ اپنے رب کی شکر گزار تھی جس نے ایک اتنے اچھے مخلص انسان سے اسے ملوادیا جو اسے درست راستہ دکھا رہا ہے اور اسے زندگی کی طرف واپس آنے میں مدد دے رہا ہے۔

٭٭٭

پتا نہیں کیا بات تھی کہ وہ تین روز سے پارک میں نہیں آرہے تھے۔ ان کے نہ آنے سے وہ بڑی بے کل اور اداس سی ہورہی تھی۔ روزانہ بڑی آس سے پارک آتی اور مغرب کے وقت تک بیٹھ کر ان کا انتظار کرتی رہتی مگر وہ نہ آتے۔ آہستہ آہستہ اس کی اداسی پریشانی میں بدلتی جارہی تھی۔ انہوں نے اسے بتایا تھا کہ روزانہ شام کے وقت پارک آنا ان کا برسوں پرانا معمول ہے اور اب وہ اپنے معمول سے ہٹ گئے تھے تو وہ فکر مند ہوگئی تھی۔

ان چار مہینوں میں وہ ان کی اتنی عادی ہوگئی تھی کہ ان سے ملے بغیر اسے کسی پل چین نہیں آرہا تھا۔ اب پانچویں دن بھی وہ اسے پارک میں نظر نہ آئے تو وہ خود کو روک نہیں پائی اور چلتی ہوئی اسی سڑک پرمڑ گئی جس پر وہ روز مڑا کرتے تھے۔ انہوں نے اسے اشارے سے دکھا کر بتایا تھا کہ کارنر سے پانچواں مکان ان کا ہے۔ وہ دل ہی دل میں ان کی خیر و عافیت کی دعائیں مانگتی پانچویں مکان کے سامنے پہنچ گئی۔ ان کا گھر بھی ان کی شخصیت کی طرح عالیشان تھا۔ گو وہاں تمام ہی مکانات اچھے بنے ہوئے تھے۔ ڈیفنس جیسے پوش علاقے کا وہ وی۔آئی۔پی فیز تھا۔ لیکن ان کا گھر دیگر گھروں کے مقابلے میں بہت خوب صورت تھا۔ گیٹ پر موجود چوکیدار سے وہ ابھی ان کے بارے میں پوچھنے ہی والی تھی کہ اندر سے ایک گاڑی بڑی تیز رفتاری سے گیٹ کے پاس آکر ہارن بجانے لگی۔ چوکیدار نے اسے چھوڑ کر جلدی سے آگے بڑھ کر گیٹ کھول دیا۔ اتنی دیر میں وہ نیم پلیٹ پر جلی حروف میں لکھا ’’سید مبشر لودھی‘‘ پڑھ کر کنفرم کر چکی تھی کہ وہ درست جگہ پہنچی ہے۔

گاڑی گیٹ سے باہر نکلی تو اس نے اس امید پر گاڑی کی طرف بغور دیکھا کہ شاید وہ اس میں موجود ہوں مگر اندر موجود ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے بندے کو دیکھ کر اس کی امید مایوسی میں بدل گئی۔ وہ جو تیز رفتاری سے گاڑی آگے بڑھا دینا چاہتا تھا اپنے گیٹ پر کھڑی ایک انجان لڑکی کو دیکھ کر رک گیا جو دیکھ بھی اس کی طرف رہی تھی۔ گاڑی میں بیٹھے بیٹھے ہی وہ اس سے بولا۔

’’فرمائےے آپ کو کس سے ملنا ہے؟‘‘

’’انکل ہیں گھر پر؟‘‘ اس کی بات پر وہ ایک لمحے کو حیران ہوا تو وہ فوراً ہی اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے بولی۔

’’مجھے مبشر انکل سے ملنا ہے۔‘‘

’’ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے وہ ہاسپٹل میں ایڈمٹ ہیں۔‘‘ وہ ایک سرسری نگاہ اس کے چہرے پر ڈال کر گاڑی اسٹارٹ کرنے لگا تو وہ بے ساختہ دو قدم آگے بڑھ کر اس کی گاڑی کے بالکل پاس آکر کھڑی ہوتے ہوئے بولی۔

’’کیا ہوگیا ہے انہیں؟‘‘

’’کچھ ہارٹ ٹربل ہوگئی ہے اس وجہ سے ہوسپٹلائز کرنا پڑا ہے۔‘‘ اب کے لہجہ بڑا بے زار اور کوفت زدہ تھا۔ وہ شاید کہیں جانے کی جلدی میں تھا اور یہ بلا وجہ کی انکوائری اسے پسند نہیں آرہی تھی اسی لےے چہرے پر بڑے ہی بے مروت سے تاثرات نظر آرہے تھے جیسے وہ کہنا چاہتا ہو کہ ’’بی بی مجھے معاف کرو اور ذرا جلدی میرا پیچھا چھوڑدو۔‘‘

اس کے بے زار سے انداز کو دیکھنے کے باوجود وہ دوبارہ بول پڑی۔

’’کس ہاسپٹل میں ایڈمٹ ہیں؟‘‘ اسے ہاسپٹل کا نام بتا کر وہ تمام تر مروت بالائے طاق رکھتے ہوئے گاڑی آگے بڑھا گیا تو وہ بھی تھکے تھکے قدموں سے چلتی واپس اپنے گھر آگئی۔

کچھ لوگوں کے ساتھ آپ تمام عمر گزاردیں مگر آپ کے اور ان کے درمیان کوئی جذباتی وابستگی اور ہم آہنگی پیدا نہیں ہوپاتی اور کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جو ایک پل ہی میں اپنے بن جاتے ہیں جن سے ایک بار مل کر بار بار ملنے کو دل چاہنے لگتا ہے۔ جن سے کوئی رشتہ نہ ہونے کے باوجود بھی ایک اپنائیت سی محسوس ہوتی ہے۔ کچھ اسی قسم کا تعلق جڑ گیا تھا اس کا سید مبشر لودھی کے ساتھ۔ وہ جو اس کے کچھ بھی نہیں لگتے تھے اور جنہیں وہ چار ماہ پہلے تک جانتی بھی نہیں تھی آج ان کی علالت کا سن کر بے قرار ہوگئی تھی۔

گھر آکر اس نے ہاسپٹل فون کر کے وہاں کے ملاقات کے ٹائم کے بارے میں معلوم کیا تو پتا چلا تھا کہ صبح آٹھ سے دس اور شام پانچ سے سات بجے تک ملنے کے اوقات مقرر ہیں۔ اس کا بس نہیں چل رہا تھا کہ وہ اڑ کر پہنچ جائے اور ان کو دیکھ کر اپنے دل کی تسلی کرے۔ مگر ان سے ملنا اب کل سے پہلے ممکن نہ تھا اس لےے وہ اپنے بے چین دل کو بہلانے کی کوشش کر رہی تھی۔ اس نے اپنوں کی بے اعتنائیاں سہی تھیں رشتے ناتوں پر اس کا اعتبار اٹھ گیا تھا اور اب جو ایک پرخلوص اور ہمدرد سے انسان نے اسے دوبارہ زندگی کی طرف لانے کی کوشش کی تھی اور وہ کسی حد تک بہل بھی گئی تھی کہ ان کی بیماری اسے انجانے  وسوسوں میں مبتلا کرنے لگی۔ اس شخص کو وہ کسی قیمت پر کھونا نہیں چاہتی تھی۔

ابھی تو وہ انہیں اپنے بارے میں کچھ بتا بھی نہیں پائی تھی۔ ابھی تو اسے ان سے ڈھیر ساری باتیں کرنی تھیں اپنے دل کا تمام بوجھ ان کے سامنے ہلکا کرنا تھا۔ ابھی تو اس نے انہیں یہ بھی نہیں بتایا تھا کہ وہ ان سے بہت زیادہ محبت کرتی ہے۔ ابھی تو وہ ان کے ہونے کو ڈھنگ سے محسوس بھی نہیں کر پائی تھی کہ جدائی کا، بچھڑ جانے کا عفریت اس کے پیچھے چلا آیا تھا۔

اس رات وہ اپنے رب کے حضور رو رو کر اور گڑگڑا گڑگڑا کر اپنے اس محسن کے اور پیارے سے انسان کے لےے دعائیں مانگتی رہی تھی۔

صبح وہ جلدی جلدی دو چار لقمے نگل کر اور اسکول فون کر کے کہ وہ آج نہیں آسکے گی ہاسپٹل چلی آئی۔ دل ہی دل میں دعائیں مانگتی کہ سب خیر ہو، وہ بالکل ٹھیک ہوں۔ اپنے معمول کے مطابق ہنستے مسکراتے اور قہقہے بکھیرتے ہوئے ہوں اور ریسیپشن سے روم نمبر معلوم کر کے اپنے مطلوبہ کمرے کے سامنے پہنچ گئی۔ سب سے پہلی تسلی تو اسی بات سے ہوگئی تھی کہ وہ آئی سی یو میں نہیں تھے۔ یعنی خطرے کی کوئی بات نہیں تھی۔ دروازے پر ہلکی سی دستک دے کر اس نے اندر سے ’’یس کم ان‘‘ کی آواز سنی تو دروازہ کھول کر اندر داخل ہوگئی۔ وہ بیڈ پر تکیوں سے ٹیک لگائے بیٹھے ہوئے تھے اور ان کے بیڈ کے دائیں طرف کرسی پر بیٹھا وہ شاید انہیں ناشتا کروارہا تھا۔ دروازے پر دستک ہونے پر وہ دونوں ہی سر گھما کر نووارد کو دیکھنے لگے تھے۔ اس پر نظر پڑتے ہی ان کے چہرے پر مسکراہٹ نموار ہوگئی تھی۔

’’آہا میری بیٹی آئی ہے۔ اسے کہتے ہیں دل کو دل سے راہ ہونا میں کل سے تمہیں بہت یاد کر رہا تھا۔‘‘ انہیں ہشاش بشاش اور باتیں کرتا دیکھ کر اس کی کب سے بے ترتیب دھڑکنیں معمول پر آئی تھیں۔

’’السلام علیکم کیسے ہیں آپ۔‘‘ وہاں موجود اس بندے کی وجہ سے وہ یونہی کھڑی ہوئی فارمل انداز میں ان کی خیریت پوچھنے لگی ورنہ دل تو اس کا یہ چاہ رہا تھا کہ ان کے سینے میں منہ چھپا کر بہت سا روئے اور کہے۔

’’اب دوبارہ کبھی بیمار مت ہوئےے گا۔‘‘

’’وعلیکم السلام۔ میں بالکل ٹھیک ہوں۔ ان لوگوں کو تو شوق ہے مجھے بیمار بنا کر بستر پر ڈالنے کا۔‘‘ وہ اپنے برابر بیٹھے بندے کی طرف اشارہ کر کے بولے۔

’’تم کھڑی کیوں ہو بیٹھو نا۔‘‘ وہ پرتکلف انداز میں سامنے موجود صوفے پر بیٹھنے لگی تو وہ ٹوکتے ہوئے بولے۔

’’وہاں اتنی دور کیوں بیٹھ رہی ہو۔ یہاں میرے پاس آکر بیٹھو۔‘‘ وہ اپنے بیڈ پر اس کے لےے جگہ بنانے لگے تو وہ کچھ جھجکتی ہوئی ان کے بائیں طرف ذرا سا سمٹ کر بیٹھ گئی۔ وہ شاید اس کے آنے سے بہت ہی خوش ہوئے تھے۔ اسی لےے بڑی گرم جوشی سے اس کا ہاتھ تھامتے ہوئے بولے۔

’’اویس یہ اجالا ہے۔ میں نے تم سے ذکر کیا تھا نا کہ پارک میں میری ایک بہت ہی پیاری سی دوست بنی ہے، وہ یہی ہے۔‘‘

وہ اس کے بالکل سامنے بیٹھے شخص سے مخاطب ہوئے تھے۔ جو اتنی دیر سے اپنے پاپا جانی کے لےے باعث مسرت بن جانے والی اس لڑکی کو دیکھ رہا تھا۔اسے دھیان آیا تھا کہ کل جب وہ ہاسپٹل جانے کی جلدی میں گھر سے نکل رہا تھا تو یہی لڑکی گیٹ پر کھڑی ملی تھی۔ اس وقت اسے ہاسپٹل پہنچ کرپاپا جانی کے ذاتی معالج ڈاکٹر ثروت حسین بخاری سے ملنا تھا۔ اس لےے وہ بڑی بے مروتی سے اس سے ڈھنگ سے بات کےے بغیر چلا گیا تھا۔ عام حالات میں وہ اس بات کی مطلق پروا نہیں کرتا تھا کہ کوئی اس کے بارے میں کیا سوچ رہا ہے۔ اگر کوئی اسے مغرور اور گھمنڈی سمجھتا تھا تو اس کے بلا سے۔ وہ ہر کسی سے بے تکلف ہوتا تھا نہ ہر ایک کو خود سے قریب ہونے کی اجازت دیتا تھا۔ اپنے انہیں رویوں کی بدولت وہ اپنے حلقے میں مغرور مشہور تھا۔ لڑکیاں بالخصوص اس کے مغرورانہ انداز پر بڑا چڑا کرتی تھیں۔ مگر یہاں مسئلہ اس لڑکی کا تھا جو اس کے پیارے پاپا جانی کو پیاری تھی اس لےے اسے اپنے کل کے روےّے پر افسوس سا ہورہا تھا۔

’’ہیلو کیسی ہیں آپ؟‘‘ اپنی عادت کے برخلاف وہ بڑی خوش اخلاقی سے مسکرا کر اس سے مخاطب ہوا۔ شاید کل کے روےے کا ازالہ کرنا مقصود تھا۔

’’میں بالکل ٹھیک ہوں۔‘‘ وہ ایک سرسری سی نظر اس پر ڈال کر بولی۔ وہ ان سے اتنی بے تکلفی سے باتیں کیا کرتی تھی مگر اس وقت اس کی موجودگی کے سبب کچھ ریزرو سی ہوکر بیٹھی ہوئی تھی۔

’’پتا ہے اویس یہ اجالا بڑی زبردست آرٹسٹ ہے۔ اس کے ہاتھ کے بنے اسکیچز دیکھو تو حیران رہ جائو مجھ سے تو اس نے وعدہ کر رکھا ہے کہ یہ میرا ایک شاندار سا پورٹریٹ بنائے گی۔‘‘

وہ شاید اس کی جھجک محسوس کر گئے تھے اسی لےے ماحول میں بے تکلفی پیدا کرنے کی کوشش کی۔ ان کی اس تعریف سے وہ بری طرح شرمندہ ہوگئی تھی جبکہ وہ مسکرا کر بولا۔

’’یہ آپ کا شوق ہے یا پروفیشن؟‘‘ اس کے جواب دینے سے پہلے وہ دوبارہ بول اٹھے۔

’’بھئی اس نے فائن آرٹس میں گریجویشن کر رکھا ہے اور بہت پروفیشنل قسم کی جینئس سی ٹیچر ہے یہ آرٹ اسکول میں پڑھاتی ہے خیر سے میری بیٹی۔‘‘

انہیں شاید دوسروں کی تعریفیں کر کے انہیں آسمان پر چڑھانے میں بہت مزا آتا تھا اس لےے دل کھول کر اس کی تعریف کر رہے تھے جبکہ وہ سرخ چہرے کے ساتھ کچھ شرمندہ سی بیٹھی ہوئی تھی۔ اسے اپنے بارے میں بات ہونا چاہے وہ تعریف ہی کیوں نہ ہو ہمیشہ ہی کچھ پریشان سا کر دیا کرتی تھی۔ انہیں اچانک ایک خیال آیا تو بولے۔

’’تمہیں میرے یہاں ایڈمٹ ہونے کا کیسے پتا چلا؟‘‘ ان کے اس سوال پر ایک لمحے کے لےے اس کی نظریں سامنے بیٹھے شخص کی طرف اٹھی تھیں پھر وہ پر سکون انداز میں بولی تھی۔

’’میں آپ کے گھر گئی تھی۔ وہیں سے پتا چلا تھا۔‘‘ اویس نے چونک کر اس کی طرف دیکھا تھا شاید وہ اس کے چہرے پر موجود تاثرات سے کچھ اندازہ لگانا چاہتا تھا۔

’’اچھا تو تم گھر گئی تھیں۔ یعنی یہ کہ تم نے مجھے مس کیا تھا۔‘‘ وہ مسکرا کر بولے تو اس نے گردن ہلانے پر اکتفا کیا۔

’’پاپا جانی باتیں اپنی جگہ لیکن آپ پلیز ناشتا تو کریں۔‘‘ وہ دودھ کا گلاس ان کی طرف بڑھاتا ہوا بولا تو وہ بڑی بے دلی سے گلاس ہاتھوں میں لے کر بیٹھ گئے۔ انہیں ٹھیک ٹھاک دیکھ کر اس کے دل کی تسلی ہوگئی تھی اس لےے اب اسے اپنا یہاں مزید رکنا بڑا بے محل محسوس ہورہا تھا۔ ان دادا پوتے کی پرائیویسی میں مداخلت اسے اچھی نہیں لگ رہی تھی اس لےے اپنا سائڈ میں رکھا ہوا بیگ کندھے پر ڈالتے ہوئے بولی۔

’’اچھا انکل میں چلتی ہوں۔‘‘

’’اتنی جلدی، ابھی کچھ دیر تو اور رکو۔‘‘ وہ بڑی بے ساختگی میں اس کاہاتھ تھام کر بولے تو وہ معذرت خواہانہ انداز میں بولی۔

’’مجھے کچھ کام ہے۔ میں ان شائ اللہ کل پھر آئوں گی۔‘‘ وہ ان دونوں کی گفتگو سے بے نیاز اخبار اٹھا کر پڑھنے لگا تھا۔ اس کی معذرت کے جواب میں مجبوراً انہوں نے اس کا ہاتھ چھوڑتے ہوئے اسے جانے کی اجازت دی تو وہ کھڑی ہوگئی۔

’’تم جائو گی کیسے؟‘‘ ان کی فکر مندی پر وہ مسکرا کر رہ گئی۔

’’میں اپنی گاڑی میں آئی ہوں۔ جانے کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔‘‘

’’اچھا خدا حافظ۔‘‘ اس کی بات پر انہوں نے اس کے سر پر ہاتھ پھیرا اور بولے۔

’’بہت اچھا لگا تمہارا آنا بہت شکریہ۔‘‘ وہ ان کے شکریہ کے جواب میں بہت کچھ کہنا چاہتی تھی مگر سامنے موجود اس اخبار کے پیچھے چھپی شخصیت کی موجودگی اسے کھل کر کچھ کہنے نہیں دے رہی تھی اس لےے خاموشی پر اکتفا کرتے وہ دروازے کی طرف بڑھی۔ اسے دروازے کی طرف بڑھتا دیکھ کر وہ ایک دم اخبار رکھ کر کھڑا ہوگیااور دروازے کے باہر تک اس کے ساتھ آتا ہوا بولا۔

’’اللہ  حافظ۔‘‘ وہ حیران نظروں سے اسے دیکھ رہی تھی جو کل ایک اکھڑ اور بد دماغ سا شخص محسوس ہوا تھا اور آج اتنا با ادب اور مہمان نواز۔ اپنی حیرت کو چھپاتی وہ اسے اللہ حافظ کہتی کوریڈور میں آگے بڑھ گئی تھی۔

اگلے روز وہ ان سے ملنے شام کے وقت آئی تھی اور یہ دیکھ کر اسے بڑی خوشی ہوئی تھی کہ وہ اکیلے تھے۔ انہوں نے بڑی گرمجوشی سے اس کا استقبال کیا تھا۔ کل کی نسبت وہ آج ان سے کافی دیر تک باتیں کرتی رہی۔ ان کا خیال تھا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں بس یہ اویس کو وہم ہوگیا ہے کہ وہ بیمار ہوگئے ہیں۔

’’بالکل بائولا ہے یہ اویس ذرا سا بی پی کیا ہائی ہوا اس نے تہلکہ مچا دیا جیسے میں کتنا خطرناک بیمار ہوگیا ہوں۔ اصل میں مجھ سے محبت بھی تو بہت کرتا ہے نا شاید اس لےے میرے لےے اتنی فکر کرتا ہے۔ اتنے دنوں سے میرے ساتھ لگا بیٹھا ہے۔ اس وقت بھی میں نے زبردستی گھر بھیجا ہے کہ جا کر تھوڑی دیر آرام کر کے آئو۔ حالانکہ میں نے کتنا سمجھایا ہے کہ بچے اتنی جلدی اوپر جانے کا میرا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ابھی تو مجھے تمہارے بچوں کی بھی شادیاں کروانی ہیں۔‘‘ وہ اپنی عادت کے مطابق ہنسنے ہنسانے میں مصروف تھے۔ حالانکہ ان کے چہرے ہی سے کمزوری اور بیماری ظاہر ہورہی تھی مگر شاید انہیں اپنی تکلیفوں کا اشتہار لگوانا پسند نہیں تھا اسی لےے خود کو ہشاش بشاش ظاہر کر رہے تھے۔ اس روز وہ ایک گھنٹہ ان کے پاس بیٹھی تھی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ وہ زبردستی یہاں سے ڈسچارج ہونے کا پروگرام بنا چکے ہیں اس لےے شاید وہ کل گھر چلے جائیں۔

’’ریسٹ ہی تو کرنا ہے وہ میں گھر پر بھی کر سکتا ہوں۔‘‘ وہ مطمئن انداز میں بولے تھے۔

اگلے روز اس ادھیڑ بن میں مصروف وہ فیصلہ ہی نہیں کر پائی کہ ان سے ملنے جائے یا نہ جائے۔ پتا ہی نہیں چل رہا تھا کہ وہ ہاسپٹل سے ڈسچارج ہوگئے ہیں یا نہیں۔ وہ دن تو یونہی گزر گیا۔ اس سے اگلے دن جمعہ تھا۔ اسی لےے وہ اسکول کی چھٹی جلدی ہونے پر گھر واپس آرہی تھی۔ گاڑی گھر کی طرف موڑتے اسے خیال آیا کیوں نہ ان کے گھر پر معلوم کر لیا جائے کہ وہ واپس آگئے ہیں یا نہیں۔ اس سوچ کے ذہن میں آنے کی دیر تھی کہ وہ فوراً گاڑی ان کی گلی میں موڑ گئی۔ ان کے گیٹ کے سامنے گاڑی روک کر اس نے چوکیدار سے ان کی موجودگی کی بابت دریافت کیا اور جواب اثبات میں آیا تو اس نے کہا۔

’’اندر جا کر انکل کو بتادیں کہ اجالا ملنے آئی ہے۔‘‘

چوکیدار نے وہاں سے گزرتے کسی ملازم کے ہاتھ پیغام بھجوادیا اور اس سے بولا۔

’’آپ اندر تشریف لے جائےے۔‘‘ اس کی بات پر وہ گیٹ سے اندر داخل ہوگئی اور بغور ارد گرد کا جائزہ لینے لگی۔ لان میں موجود پودوں کی بہتات سے وہ ابھی اچھی طرح لطف اندوز بھی نہیں ہوپائی تھی کہ ملازم بھاگتا دوڑتا اس کی طرف آیا اور اس سے بولا۔

’’آپ جلدی سے اندر چلیں وہ اتنے ناراض ہورہے ہیں کہ آپ کو باہر کیوں کھڑا کیا ہوا ہے۔‘‘ اسی ملازم کی ہمراہی میں وہ گھر کے مختلف حصوں سے گزرتی آخر کار لائونج میں سے اوپر جاتی سیڑھیوں پر چڑھتی ایک کمرے میں داخل ہوئی۔ وہ شاید اب خود ہی کمرے سے باہر نکلنے والے تھے اسی لےے کھڑے ہوئے نظر آئے اسے دیکھ کر ان ے چہرے پر مسکراہٹ پھیل گئی۔

’’آئو بیٹا بیٹھو۔‘‘ اسے بٹھا کر وہ ملازم کی طرف متوجہ ہوئے۔

’’صرف نام ہی کے اخلاق ہو ورنہ اخلاق اور تمیز چھو کر بھی نہیں گزری۔ بتائو ذرا اتنی دھوپ میں بچی کو باہر کھڑا کیا ہوا ہے۔‘‘ ان کی ڈانٹ کھاتا وہ بے چارہ باہر جانے لگا تو وہ فوراً بولے۔

’’میری بیٹی پہلی دفعہ میرے گھر آئی ہے۔ بڑی اچھی سی خاطر تواضع ہونی چاہےے۔‘‘ وہ انہیں منع کرنا چاہتی تھی کہ وہ صرف کھڑے کھڑے ان کی خیریت دریافت کرنے آئی ہے مگر وہ کچھ سننے کے موڈ میں ہی نہیں تھے۔ اس نے جانے کے لےے زیادہ زور دیا تو بولے۔

’’کیا گھر والے پریشان ہورہے ہوں گے؟ اگر ایسی بات ہے تو یہاں سے فون کر کے بتادو کہ تم میرے پاس ہو اور اب میرے ساتھ لنچ کر کے ہی جائو گی۔‘‘

’’میرے لےے کوئی پریشان نہیں ہوتا۔ میں اگر سارا دن بھی گھر سے غائب رہوں تو کسی کو قطعاً کوئی فرق نہیںپڑے گا۔‘‘

وہ پہلی مرتبہ اپنی ذات کے حوالے سے ان سے کچھ بولی تھی۔ انہوں نے اس کی بات کے جواب میں کچھ بھی نہیں کہا صرف ایک گہری نظر اس کے چہرے پر ڈالتے ہوئے بولے۔

’’پھر تو فکر کی کوئی بات ہی نہیں ہے۔ آرام سے بیٹھو۔ بلکہ میرا خیال ہے کہ تم اسکول سے سیدھی یہیں آرہی ہو ایسا کرو منہ ہاتھ دھو کر فریش ہوجائو۔‘‘ انہوں نے اس کی بات پر کوئی تبصرہ کےے بغیر اتنے آرام سے موضوع بدل دیا کہ وہ حیران رہ گئی۔ وہ جتنا تکلف کرنے کی کوشش کر رہی تھی وہ اسے اتنا ہی گھر کا فرد بنانے پر تلے ہوئے تھے۔ وہیں ان کے باتھ روم میں منہ ہاتھ دھو کر اس نے ان کے ساتھ ان کے کمرے میں بیٹھ کر کھانا کھایا۔ وہ اسے اصرار کر کے مختلف چیزیں کھلارہے تھے۔

’’یہ بریانی لو، یہ چکن لو۔ اچھا سوئٹ ڈش تھوڑی اور لے لو۔‘‘ ان کے اتنے اصرار پر مجبور ہو کر اسے اپنی روٹین سے ہٹ کر کچھ زیادہ ہی کھانا پڑ گیا۔ وہ خود پرہیزی کھانا کھا رہے تھے۔

کھانے کے بعد چائے پیتے ہوئے انہوں نے آپس میں بہت ساری باتیں کیں۔ دو تین گھنٹے ان کے ساتھ گزار کر جب وہ واپس جانے لگی تو وہ اس سے کہنے لگے۔

’’میں تو اس بیڈ ریسٹ کے ہاتھوں تنگ ہوں۔ اویس ہاسپٹل سے لانے پر صرف اس شرط پر راضی ہوا تھا کہ میں گھر پر مکمل آرام کروں گا۔ اسی لےے آج کل پارک جانے پر بھی پابندی عائد ہے۔ بیٹا تم آئی ہو تو بہت اچھا لگا ہے۔ کیا تم کل بھی آئو گی؟‘‘

وہ شاید تنہائی سے بری طرح گھبرا گئے تھے۔ اس نے بے اختیار ہامی بھر لی اور وہ بہت خوش ہوگئے تھے۔

اگلے روز بھی وہ اسکول سے سیدھی یہیں آگئی تھی۔ کل کی ڈانٹ پھٹکار کی وجہ سے اخلاق صاحب سچ مچ کے بااخلاق انسان بن گئے تھے اور اسے دیکھ کر مسکرا کر بولے تھے۔

’’صاحب اپنے کمرے میں ہیں آپ وہیں چلی جائیں۔‘‘ صاحب کے التفات سے اتنی بات تو وہ بھی سمجھ گیا تھا کہ اس لڑکی کی کیا حیثیت اور مرتبہ ہے۔سیڑھیاں چڑھتی وہ اوپر پہنچی اور ان کے کمرے کی طرف جانے کے لےے کوریڈور میں آگے بڑھی تب ہی اپنے کمرے کا دروزہ کھول کر اویس باہر نکلا۔ اسے اتنے آزادانہ اور مالکانہ انداز میں کوریڈور میں پھرتے دیکھ کر وہ ٹھٹک کر رک گیا تھا جبکہ وہ اس کو سامنے پا کر کچھ شرمندہ سی ہوگئی تھی۔ اس نے خود ہی اپنے طور پر سمجھ لیا تھا کہ وہ کل کی طرح آج بھی گھر پر نہیں ہوگا۔ لیکن یہ اس کا گھر تھا اور وہ یہاں کہیں بھی اور کسی بھی وقت پایا جاسکتا تھا۔ اپنی بے تکلفی پر کچھ شرمسار سی ہوتی وہ بے اختیار رک گئی تھی۔

’’السلام علیکم۔ کیسی ہیں آپ؟‘‘ وہ اتنے عام سے انداز میں اس سے سلام دعا کرنے لگا جیسے یہاں آنا اس کے معمولات میں شامل تھا۔

’’وعلیکم السلام۔‘‘ اس کے منہ سے آواز بھی بڑی مری مری سی نکلی تھی۔ وہ ایک آدھ سیکنڈ اس کے چہرے کو بغور دیکھتے رہنے کے بعد بولا۔

’’پاپا جانی اپنے بیڈ روم میں ہیں۔ یہ سامنے والا کمرہ ان کا ہے۔‘‘ اس نے ہاتھ کے اشارے سے بتایا تو وہ فوراً اسی طرف بڑھ گئی۔ وہ شاید کہیں جارہا تھا اس لےے سیڑھیوں کی طرف بڑھ گیا۔

اسے دیکھ کر وہ حسب معمول بہت خوش ہوئے تھے۔ گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ ان کے پاس گزار کر وہ واپس گھر آگئی تھی۔ اگلے دن سے اس کے اسکول میں چھٹیاں شروع ہورہی تھیں اس لےے اس کا صبح کا ٹائم بھی فارغ ہوگیا تھا۔ صبح ناشتے اور دیگر کاموں سے فارغ ہوکر وہ ان کے گھر چلی آئی۔ صبح کے دس بج رہے تھے اور اس کا خیال تھا کہ وہ گھر پر اکیلے ہی ہوں گے۔ وہاں پہنچ کر اس کے اس خیال کی تصدیق بھی ہوگئی تھی۔ لنچ ٹائم تک وہ ان کے پاس رکی تھی۔ اس دوران انہوں نے اسے اپنی اسٹڈی بھی دکھائی تھی۔ وہاں موجود کتابوں کا ذخیرہ دیکھ کر وہ انگشت بدنداں رہ گئی تھی۔ وہاں ایک سے ایک نادر اور نایاب کتابیں موجود تھیں۔ اس نے وہیں اسٹڈی میں بیٹھ کر انہیں ان کی من پسند کتاب پڑھ کر سنائی تھی۔ وہ فلور کشن پر گائو تکےے سے ٹیک لگائے بیٹھے ہوئے تھے اور بڑے غور و فکر سے اسے سن رہے تھے۔ ان کے اصرار پر اس نے دوپہر کا کھانا ان کے ساتھ کھایا تھا۔ اس دوران تین چار مرتبہ اویس نے فون کر کے ان کی طبیعت پوچھی تھی۔ وہ اپنے لےے اس کی بے قراری پر مسکراتے ہوئے اسے تسلی دیتے رہے تھے کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ پھر اس طرح روز ان کے پاس آنا جیسے ایک معمول سا بن گیا تھا۔

اتوار کے دن کے علاوہ وہ روزانہ صبح دس ساڑھے دس بجے ان کے پاس چلی آتی تھی۔ اس دوران اس کا کبھی بھی اویس سے سامنا نہیں ہوا تھا۔ البتہ اس کی موجودگی میں اس کا فون بہت مرتبہ آتا تھا۔ اسے اس طرح ان کے پاس آئے ایک ہفتہ ہوگیا تھا اس روز بھی وہ ان کے گھر آئی ہوئی تھی۔ ادھر ادھر مختلف موضوعات پر باتیں کرتے کچھ ہی دیر گزری تھی کہ اخلاق ان کے لےے ناشتے کے ٹرے سجائے چلا آیا۔ اسے دیکھ کر انہوں نے کڑوا سا منہ بنایا اور بولے۔

’’پی تو لیا تھا صبح میں نے دودھ، اب یہ ناشتے کی کیا تک بنتی ہے۔‘‘ وہ بڑی عاجزی اور خوشامدانہ انداز میں ٹرے ان کے سامنے رکھتا ہوا بولا۔

’’اویس بھائی کا چار بار فون آچکا ہے کہ پاپا جانی نے ناشتا کیا یا نہیں۔ اگر آپ نے ابھی بھی ناشتا نہیں کیا تو وہ مجھ پر بہت ناراض ہوں گے۔‘‘

’’ایک تو اس لڑکے نے میرا ناک میں دم کر رکھا ہے۔ زبردستی اوٹ پٹانگ چیزیں کھلائے چلا جاتا ہے۔صبح بھی مجھ سے ناراض ہو کر گیا تھا کہ میں اس کے سامنے ناشتا کیوں نہیں کر رہا۔‘‘ وہ بڑی بے زاری اور ناراضی سے بول رہے تھے۔

’’انکل وہ ٹھیک تو کہتے ہیں۔ آپ کو اپنی صحت کا خیال رکھنا چاہےے۔ تھوڑا سا چکھ لیں۔ پلیز میری خاطر۔‘‘ ان کا دیا مان اور محبت اس سے ایسے جملے بلوا گیا تھا جو اس نے اس سے پہلے کبھی کسی سے نہ کہے تھے۔

’’یہ پھیکے بدمزا کھانے تو میں کسی کی خاطر بھی نہیں کھا سکتا۔ تنگ آگیا ہوں میں یہ بد ذائقہ اور پرہیزی چیزیں کھا کھا کر۔‘‘ وہ کسی چھوٹے سے بچے کی طرح روٹھے ہوئے انداز میں بولے تو وہ مسکرا دی اور بولی۔

’’اچھا آپ مجھے بتائیں آپ کا کیا کھانے کو دل چاہ رہا ہے۔ میں آپ کی پسند کے مطابق کھانا بنا کر لائوں گی۔‘‘ وہ انہیں کسی بچے کی طرح ڈیل کرنے لگی تو وہ کچھ حیرانی سے بولے۔

’’تم بنائو گی؟‘‘

’’جی میں بنائوں گی۔ آپ نے کیا مجھے بالکل ہی پھوہڑ اور بد سلیقہ سمجھ لیا ہے۔ جلدی بتائیں کیا بنائوں۔‘‘ وہ کھڑی ہوگئی تھی جیسے اب یہ مہم وہ سر کر کے ہی رہے گی۔

’’مجھے ارہر کی دال چاول اچار کے ساتھ کھانا ہیں۔ خوب مرچوں والی دال جس پر اصلی گھی کا بگھار لگاہوا ہو۔‘‘ وہ منہ میں پانی بھرتے ہوئے بولے۔

’’اور بعد میں اویس سے ڈنڈے کھائوں کہ میرے پاپا جانی کو اصلی گھی اور اچار کیوں کھلایا ہے۔‘‘ وہ ہنستے ہوئے بولی تو وہ بھی مسکرا دےے اور کہنے لگے۔

’’چلو اصلی گھی نہ سہی کورن آئل کا بگھار بھی چلے گا۔‘‘ اخلاق چپ چاپ کھڑا ان کے مذاکرات سے محظوظ ہورہا تھا۔ انہیں تھوڑی دیر انتظار کرنے کا کہہ کر وہ اخلاق کے ساتھ ہی کچن میں آگئی۔ وہاں موجود خانساماں نے اسے حیران ہو کر دیکھا تھا۔ گزشتہ چند روز سے گھر میں پابندی سے آتی اس لڑکی کاصاحب سے کیا رشتہ ہے یہ بات وہاں کے تمام ملازمین کے لےے سوالیہ نشان تھی۔ یہ گھر جس میں کسی عورت کا کوئی وجود نہ تھا۔ یہاں تک کہ ملازم بھی سارے مرد ہی تھے وہاں انہوں نے پہلی مرتبہ کسی لڑکی کو آتے دیکھا تھا۔ وگر نہ اس سے پہلے یہاں صرف بطور مہمان تھوڑی بہت دیر کو ہی خواتین یا لڑکیاں آتے دیکھی گئی تھیں۔ اخلاق اسے وہاں چھوڑ کر چلا گیا تھا اور وہ خانساماں سے چیزوں کے بارے میںپوچھتی جلدی جلدی ہاتھ چلانے میں مصروف تھی۔ دال چڑھ گئی اور چاول اس نے چن لےے تو سوچا کہ اس کے پکنے میں تو تھوڑی دیر لگے گی جبکہ وہ بھوکے بیٹھے ہوئے ہیں۔ اس خیال کے آنے پر وہ سوچنے لگی کہ انہیں کیا دے۔ کافی دیر غور کرنے کے بعد اس نے ان کے لےے گریپ فروٹ کا جوس نکالنے کا سوچا۔ وہ سٹرس پریس میں گریپ فروٹ کاجوس نکال رہی تھی جب اسے لائونج سے آتی آواز سنائی دی جو یقینا اویس کی تھی وہ اخلاق سے کہہ رہا تھا۔

’’پاپا جانی نے کچھ کھایا؟‘‘ وہ ایک دم گھبرا گئی تھی۔ پتا نہیں اس کی اپنے گھر میں اتنی بے تکلف آمد کو وہ پسند بھی کرتا ہے یا نہیں۔ اس شخص کے چہرے پر موجود تاثرات سے وہ کبھی بھی نہیں جان پائی تھی کہ وہ اس کے لےے کس انداز سے سوچتا ہے۔ لیکن اسے لگتا تھا کہ وہ شاید اسے ناپسند ہی کرتا ہے۔

اخلاق سے کچھ کہتا وہ کچن کی طرف آگیا تھا۔

’’شاہد! پاپا جانی کے لےے کھانا نکالو میں۔۔۔‘‘ وہ بڑے مصروف انداز میں بولتا ہوا کچن کے دروازے میں آکر کھڑا ہوگیا تھا۔ اس پر نظر پڑتے ہی اپنا جملہ ادھورا چھوڑ کر اسے حیرانی سے دیکھنے لگا تھا۔ شاید اتنا بے تکلف مہمان اس نے اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ ہی دیکھا تھا۔ ایک لمحے کو تو اسے ایسا لگا کہ یہ گھر اجالا کا ہے وہ یہاں مہمان ہے۔ وہ اتنے استحقاق سے کچن میں ٹیبل کے پاس کھڑی ہوئی تھی۔

’’السلام علیکم۔‘‘ وہ اپنے آپ بھی بڑا عجیب سا محسوس کر رہی تھی۔ مگر بہرحال اس نے سلام کرنے میں پہل کر دی تھی۔

’’وعلیکم السلام۔‘‘ اس کے چہرے پر پھیلی شرمندگی دیکھ کر اس کے لبوں پر مسکراہٹ بکھر گئی تھی۔ وہ شاید توقع نہیں کر رہی تھی کہ وہ اس وقت بھی گھر آسکتا ہے اور اب اسے سامنے پا کر وہ بڑا گلٹی فیل کر رہی تھی۔

’’خیریت سے ہیں آپ؟‘‘ وہ اس کی شرمندگی نظر انداز کر کے بڑے عام سے انداز میں بولا تو اس نے گردن ہلا کر اپنی خیریت سے آگاہ کر دیا تھا۔

اسے مزید شرمندگی سے بچانے کے لےے وہ وہاں سے پلٹ گیا تھا۔ اس کے جاتے ہی اجالا نے کب سے اٹکی ہوئی سانس بحال کی تھی۔ ہارٹ بیٹ کو نارمل کرتی وہ جگ اور گلاس ٹرے میں رکھ کر ان کے کمرے کی طرف چلی آئی۔ اس کا ارادہ تھا کہ انہیں جوس پلا کر وہ فوراً گھر سدھارے گی۔ بغیر دروازہ نوک کےے وہ آرام سے اندر داخل ہوئی تو وہ بیڈ پر ان کے پاس ہی بیٹھا ہوا تھا۔

’’کیا میری قسمت میں ہمیشہ ہی اس شخص کے سامنے شرمندہ ہونا لکھا گیا ہے۔ کیا سوچ رہا ہوگا وہ کہ میں کتنی ال مینرڈ اور ان کلچرڈ لڑکی ہوں۔‘‘ وہ اپنے بے ڈھنگے پن کو کوس کر رہ گئی تھی۔ وہ دونوں آپس میں کوئی بات کر رہے تھے۔ اسے ایک دم اندر آتا دیکھ کر وہ اس کی طرف متوجہ ہوگئے تھے۔

’’لگتا ہے تم بھی دشمنوں کے کیمپ میں شامل ہوگئی ہو۔‘‘ وہ اس کے ہاتھ میں پکڑی ٹرے دیکھ کر ناراضی سے بولے تو وہ احتجاجاً چیخ اٹھا۔

’’یہ دشمنوں سے آپ کی کیا مراد ہے؟‘‘

’’میں کوئی تم سے ڈرتا ہوں اچھی بھلی میری بیٹی کو بھی پتا نہیں کیا پٹیاں پڑھائی ہیں کہ گھنٹے بھر سے کچن میں جتی ہوئی تھی۔‘‘ وہ اس تمام گفتگو سے بے نیاز ان کے سامنے ٹرے رکھ کر صوفے پر بیٹھ گئی۔

’’اور وہ دال چاول کیا ہوئے؟‘‘ انہوں نے برا سا منہ بنا کر اس سے دریافت کیا۔

’’وہ ابھی پک رہے ہیں۔ تھوڑی دیر اور لگے گی۔‘‘ اسے سامنے پا کر وہ بڑے رسمی سے انداز میں انہیں جواب دے کر اپنے ہاتھوں پر نظریں جما کر بیٹھ گئی۔ اگر وہ یہاں نہ ہوتا تو وہ خود اپنے ہاتھوں سے انہیں جوس پلاتی۔

’’صرف تمہاری وجہ سے یہ پی رہا ہوں۔ ورنہ دنیا کی کوئی طاقت مجھے مجبور نہیں کر سکتی تھی۔‘‘ وہ خفا خفا سے انداز میں بولتے گلاس میں جوس ڈال کر گھونٹ گھونٹ پینے لگے۔ وہ اس جادو اثر لڑکی کو دیکھ کر رہ گیا تھا جو اتنے آرام سے وہ کام سر انجام دے گئی تھی جسے کرنے میں وہ صبح سے ناکام تھا۔

’’آپ کو یاد ہے نا آج ڈاکٹر بخاری سے اپائنٹمنٹ ہے۔ میں اپنے کمرے میں ہوں آپ تیار ہوجائیں تو مجھے بلوا لیجئے گا۔‘‘ انہوں نے خالی گلاس ٹرے میں رکھتے بے توجہی سے اس کی بات سنی تھی جبکہ وہ کمرے سے باہر چلا گیا تھا۔ وہ تو پہلے ہی جانے کے لےے تیار بیٹھی تھی اب جو ان کے جانے کا سنا تو اس کے کمرے سے نکلتے ہی خود بھی اٹھ کھڑی ہوئی۔ وہ حالانکہ اسے مزید رکنے کے لےے مجبور کر رہے تھے مگر اس نے سہولت سے معذرت کر لی تھی۔ جانے سے پہلے دال بگھار کر اور شاہد کو بتا کر کہ انکل کو تھوڑی دیر بعد دال چاول کھلا دینا وہاں سے چلی آئی۔

اگلے دو روز وہ ان سے ملنے نہیں آئی اور صرف فون کر کے ہی ان سے بات چیت کر لی۔ حالانکہ وہ جانتی تھی کہ وہ اس کا انتظار کر رہے ہوں گے وہ خود بھی تو ان سے ملنے اور باتیں کرنے کی اتنی عادی ہوگئی تھی کہ ان سے ملے بغیر وہ ایک دن بھی نہیں رہ سکتی تھی۔ مگر وہاں موجود وہ قدرے مغرور اور اکھڑ سا بندہ اس کے وہاں جانے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ تھا۔ وہ شاید اپنے پاپا جانی کے لحاظ میں اسے کچھ کہتا تو نہیں تھا مگر اجالا کو اندازہ تھا کہ وہ ایک غیر اورانجان لڑکی کا اتنے بے تکلفانہ انداز میں اپنے گھر آنا پسند نہیں کرتا۔ اور کسی کے گھر نا پسندیدہ اور زبردستی کا بن بلایا مہمان بن کر جانا اسے بڑا آکورڈ سا لگ رہا تھا اور جو کسی روز وہ تمام تر لحاظ اور مروت ایک طرف رکھ کر اس سے کہہ دے کہ محترمہ آپ ہمارا پیچھا چھوڑ نہیں سکتیں تو وہ تو شرم اور غیرت کے مارے شاید مر ہی جائے۔

مگر تیسرے ہی دن وہ اپنے عہد سے پھر گئی کہ اب وہاں نہیں جانا اور دوبارہ سے ان کے گھر جانے کے لےے تیار ہونے لگی۔ اسے پتا تھا کہ ان دنوں وہ اپنی بیماری کے ہاتھوں تنگ آکر بڑے ڈپریس سے رہنے لگے تھے اور ان کی اداسی وہ ہر گز بھی برداشت نہیں کر سکتی تھی۔ اس نے بڑے پیار سے اور دل سے ان کے لےے بہت کم مسالے اور ہلکا سا نمک ڈال کر حلیم بنایا۔ ان کے پرہیز کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اس نے مرغی کا گوشت استعمال کیا۔ ڈونگے میں حلیم کے اوپر خوب اچھی طرح ہرا دھنیا اور لیموں وغیرہ سجا کر وہ فارغ ہوئی تو خیال آیا کہ فون کر کے معلوم کر لیتی ہوں وہ اکیلے ہیں یا نہیں۔ اگر وہ بھی ہوا تو ڈرائیور کے ہاتھ حلیم بھجوا دوں گی۔ ممی نے اسے کچن میں مصروف دیکھ کر بڑی حیرت سے پوچھا۔

’’کیا پکا رہی ہو؟‘‘ عرصہ ہوا وہ گھر اور گھر سے متعلق تمام امور سے لا تعلق ہوچکی تھی۔ اس نے سرسری سے انداز میں جواب دیا تو وہ جو شاید سعود کے لےے کچھ پکانے آئی تھیں اپنے کام میں مصروف ہوگئیں۔ وہ فون کرنے کے لےے لائونج میں آگئی۔ تیسری ہی بیل پر فون ریسیو کر لیا گیا تھا۔ اخلاق کی آواز وہ اچھی طرح پہچان گئی تھی۔

’’میں اجالا بول رہی ہوں۔‘‘ اس کے استفسار پر وہ بولی تھی۔

’’کیسی ہیں آپ؟ صاحب آپ کو بہت یاد کر رہے تھے۔‘‘

اتنے دن سے وہ ان کے گھر مستقل آجارہی تھی اسی لےے وہ اٹھارہ انیس سال کا لڑکا بڑی اپنائیت سے اس سے بول رہا تھا یا پھر شاید گھر کے مالک کی اس والہانہ محبت اسے بتاگئی تھی کہ وہ کوئی عام سی مہمان نہیں ہے۔

’’انکل ہیں گھر پر؟‘‘ اس کی سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ اپنے مطلب کی بات کیسے پوچھے۔

’’ہاں وہ گھر پر ہی ہیں۔ آپ بات کریں گی کیا ان سے؟‘‘

’’اویس بھی ہیں گھر پر۔‘‘ اس نے لہجے کو بڑا سرسری سا بنا کر پوچھا جیسے یہ بات وہ یونہی اتفاقاً پوچھ بیٹھی تھی۔

’’اویس بھائی تو کہیں گئے ہوئے ہیں آپ کو کیا ان سے کوئی کام ہے؟‘‘ لائونج کا دروازہ کھول کر اندر آتا اویس اپنا نام سن کر رک گیا۔ اس وقت اس کا کوئی بھی کال اٹینڈ کرنے کا موڈ نہیں ہورہا تھا اس لےے دور کھڑا ہو کر صرف یہ دیکھنے کے لےے رک گیا کہ کہیں کوئی ضروری فون نہ ہو۔ دوسری طرف پتا نہیں کون تھا جس سے وہ بڑی خوش اخلاقی سے کہہ رہا تھا۔

’’اچھا آپ آرہی ہیں۔ یہ تو بہت ہی اچھی بات ہے۔ صاحب خوش ہوجائیں گے۔ اللہ حافظ۔‘‘ وہ فون رکھ کر مڑا تو اویس کو کھڑا دیکھ کر سلام کرتا ہوا غالباً اندر پاپا جانی کو اس کی آمد کے بارے میں بتانے کے لےے چلا گیا۔ اس سے کچھ پوچھے بغیر ہی وہ جان گیا تھا کہ یہ فون کس کا تھا۔ حالانکہ وہ اس وقت صرف کپڑے چینج کرنے گھر آیا تھا اسے جم خانہ جانا تھا۔ مگر اپنا جانے کا پروگرام فی الفور ملتوی کر کے وہ وہیں لائونج میں بیٹھ گیا۔

وہ اپنے بارے میں بڑا خود آگاہ تھا۔ اسے پتا تھا کہ لوگ اسے مغرور کہتے ہیں۔ کتنے لوگ اس سے بات کرنے اور اس کے قریب آنے کے لےے ہزاروں جتن کرتے ہیں اور وہ انہیںمنہ بھی نہیں لگاتا۔ اپنے پاپا جانی اور قریبی دوستوں کے علاوہ اس کا دیگر تمام افراد کے ساتھ ایسا رویہ ہوتا تھا جیسے وہ ان سے بات کر کے کوئی بہت بڑا احسان کر رہا ہو۔ وہ عام طور پر لوگوں سے زیادہ گھلنا ملنا پسند نہیں کرتا تھا۔ مگر یہ لڑکی اجالا شہریار جو اس کے پاپا جانی کو بڑی عزیز ہوگئی تھی اس کے لےے وہ اپنے تمام اصول اور ضابطے ترک کر سکتا تھا۔ اسے اندازہ تھا کہ دیگر افراد کی طرح شاید وہ بھی اسے مغرور اور خود پرست سمجھتی ہے اور شاید وہ خود بھی دوسروں سے لےے دےے رہنا اور کم بات چیت کرنا پسند کرتی ہے اسی لےے اس سے فری ہونے کی کوشش کرنے کے بجائے وہ وہاں اس کی موجودگی میں آنے سے پرہیز کر رہی تھی۔ اس نے اب تک کی زندگی میں صرف لڑکیوں کو اپنے پیچھے بے وقوفوں کی طرح منڈلاتے دیکھا تھا۔ شاید یہ لڑکی ان سب سے مختلف تھی اور اس کی یہ غلط فہمی کہ وہ اس کی یہاں آمد کو پسند نہیں کرتا وہ اسے دور کر دینا چاہتا تھا۔ اگر اس کے پاپا جانی اس لڑکی سے محبت کرتے تھے اس کے ساتھ وقت گزارنا انہیں اچھا لگتا تھا تو وہ کون ہوتا تھا اعتراض کرنے والا۔ وہ تو الٹا اس کا شکر گزار تھا کہ وہ یہاں آکر ان کو کمپنی دیتی ہے ان کا ڈپریشن کم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

ٹھیک دس منٹ بعد وہ لائونج کا سلائڈنگ ڈور کھول کر اندر داخل ہوئی۔ اندر داخل ہوتے ہی اس کی نظر صوفے پر بیٹھے اویس پر پڑی تو وہ دل ہی دل میں اخلاق کو گالیاں دیتی آگے بڑھی۔ آگئی تھی تو اب واپس تو جایا نہیں جاسکتا تھا۔ وہ اسے دیکھ کر اخلاقاً کھڑا ہوتا ہوا بولا۔

’’السلام علیکم۔‘‘ اس نے بڑی بے دلی سے سلام کا جواب دیا۔

’’آپ بیٹھےے پاپا جانی کے کسی دوست کا فون آیا ہوا ہے وہ اس میں بزی ہیں۔‘‘ وہ بڑی نرم سی مسکراہٹ چہرے پر لاتا ہوا بولا۔ اسے مجبوراً صوفے پر بیٹھنا ہی پڑ گیا۔ اسے بٹھا کر وہ خود بھی سامنے بیٹھ گیا۔ اپنے ہاتھ میں پکڑا ڈونگا اس نے سینٹر ٹیبل پر رکھ دیا۔ وہ بغور اس کے چہرے کا جائزہ لے رہا تھا جبکہ وہ کچھ الجھی ہوئی سی بیٹھی ہوئی تھی۔

’’میں اتنے دنوں سے آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہ رہا تھا لیکن اتفاق سے آپ سے ملاقات نہیں ہو پارہی تھی۔‘‘

وہ تعجب سے اس کی طرف دیکھنے لگی تو وہ اپنی بات کی وضاحت کرنے لگا۔

’’آپ پاپا جانی کا اتنا خیال رکھتی ہیں۔ انہیں اتنا ٹائم دیتی ہیں۔ ظاہر ہے آپ کی اس مہربانی پر مجھے آپ کا شکریہ تو ضرور ہی ادا کرنا چاہےے تھا۔‘‘ وہ اتنے بھاری بھرکم تشکرانہ الفاظ پر بوکھلا کر رہ گئی۔ لیکن اب اس کی بات کے جواب میں کچھ نہ کچھ کہنا بھی ضروری تھا اس لےے کچھ نروس سے انداز میں بولی۔

’’اس میں شکریہ کی کوئی بات نہیں ہے۔ آپ پلیز اس ذکر کو رہنے دیجےے۔‘‘

’’آپ کہہ رہی ہیں تو رہنے دیتا ہوں ورنہ یہ آپ کا میرے اوپر احسان ہی ہے۔ پہلے میں آفس میں بیٹھ کر پاپا جانی کی طبیعت کی طرف سے پریشان رہتا تھا اب آپ کے ہونے سے تسلی رہتی ہے کہ وہ اکیلے نہیں ہیں۔‘‘ وہ کچھ شرمندہ سی سر جھکا کر بیٹھی ہوئی تھی۔

’’ہم لوگوں کی اس سے پہلے آپس میں اتنی کوئی خاص بات چیت نہیں ہوئی لیکن اس کے باوجود پاپا جانی کی بدولت میں آپ کے بارے میں بہت کچھ جانتا ہوں۔ جب سے آپ انہیں ملی ہیں ان کے پاس آپ کے علاوہ بات کرنے کے لےے کوئی ٹاپک ہی نہیں ہوتا۔ اجالا یوں کرتی ہے وہ اسکیچز بھی اچھے بناتی ہے۔ اسے کوکنگ بہت اچھی آتی ہے۔ وہ بڑی نرم دل اور ہمدرد ہے وغیرہ وغیرہ اس قسم کے جملے میرا خیال ہے میں روز ہی سنتا ہوں۔‘‘ وہ بڑے دوستانہ انداز میں مسکرا کر بول رہا تھا۔ اس کی بات پر ایک ہلکی سی مسکراہٹ اس کے ہونٹوں پر لہرائی تھی۔

’’مجھ سے بھی وہ آپ کے بارے میں بہت ساری باتیں کرتے ہیں۔ بلکہ پہلے جب میں ان سے پارک میں ملا کرتی تھی اس وقت بھی آپ کا غائبانہ تعارف تھا۔‘‘ وہ ایک نظر اس کے چہرے پر ڈال کر دھیمے سروں میں بولی تھی۔

’’اس غائبانہ تعارف میں یقینا میری خوب تعریفیں ہی ہوتی ہوں گی۔ بقول میرے دوستوں کے میرا دماغ انہیں الٹی سیدھی تعریفوں نے خراب کیا ہے۔‘‘

وہ بڑی شگفتگی سے مسکرا کر بولا۔ وہ ابھی اس کی بات کے جواب میں کچھ کہنے ہی والی تھی کہ وہ سیڑھیاں اترتے نظر آئے۔

’’کل کہاں تھیں بے وفا لڑکی۔ میں نے تمہارا کتنا انتظار کیا۔‘‘ وہ دور ہی سے بولتے ہوئے قریب آکر اس کے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے بولے۔

’’لگتا ہے تم مجھ سے بور ہوگئی ہو۔‘‘

’’نہیں انکل ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ وہ میں کچھ بزی تھی اس لےے نہیں آسکی تھی۔‘‘ وہ ایک دم بوکھلا کر وضاحت کرنے لگی تو وہ قہقہہ لگا کر ہنس پڑے۔ وہ خاموشی سے بیٹھا ان دونوں کو دیکھ رہا تھا۔

’’اس میں کیا ہے؟‘‘ ان کی نظر ٹیبل پر رکھے ڈونگے پر پڑی تو پوچھنے لگے۔

’’میں آپ کے لےے حلیم بنا کر لائی ہوں۔‘‘ وہ ان کے برابر میں صوفے پر بیٹھتے ہوئے بولی۔

’’حلیم لائی ہو۔ زبردست، لیکن یہ میرے کھانے پینے کا دشمن مجھے کبھی بھی حلیم نہیں کھانے دے گا۔ اسے تو ہر بات میں کولیسٹرول اور کیلوریز کا غم ستاتا رہتا ہے۔‘‘ وہ کچھ مایوسی سے بولے۔

’’نہیں میں نے اس میں چکنائی وغیرہ بالکل نہیں ڈالی۔ آپ آرام سے کھا سکتے ہیں۔‘‘ اس کی بات پر وہ خوش ہوتے ہوئے بولے۔

’’ایسی بات ہے تو لائو ابھی کھا کر دیکھا جائے تم نے کیسا حلیم پکایا ہے۔‘‘ اخلاق کی تلاش میں نظریں دوڑاتے وہ اسے موجود نہ پا کر اس سے بولے۔

’’ذرا بھاگ کر کچن سے ایک پلیٹ اور چمچہ تو لے آئو۔‘‘ اویس مسکراتا ہوا پاپا جانی کی بے تابی دیکھ رہا تھا۔

’’جلدی لے آئیں ورنہ یہ اسی میں شروع ہوجائیں گے۔‘‘ وہ اس کے بدلے ہوئے بے تکلف انداز پر دل بھر کر حیران ہوتی کچن سے پلیٹ چمچہ لے آئی۔ پہلا چمچہ منہ میں ڈالتے ہی انہوں نے اس کی شان میں قصیدہ خوانی شروع کر دی تھی۔ حلیم کی شان میں زمین آسمان ایک کےے جارہے تھے اور وہ چپ چاپ بیٹھی انہیں کھاتا دیکھ کر دل ہی دل میں بہت خوش ہورہی تھی۔

’’تم جم خانہ نہیں گئے۔‘‘ انہیں اچانک اس کا دھیان آیا تو پوچھنے لگے۔

’’کچھ تھکن ہورہی ہے اس لےے پروگرام کینسل کر دیا ہے۔‘‘

’’شاہد ذرا اچھی سی کافی تو پلوائو۔‘‘ انہیں جواب دے کر وہ شاہد کو آواز دینے لگا۔

’’شاہد کو رہنے دو۔ آج ہمیں ہماری بیٹی کافی بنا کر پلائے گی۔‘‘ وہ اس کے کندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے اویس سے مخاطب ہوئے تو وہ مسکرا کر کہنے لگا۔

’’ان سے پوچھ تو لیں کہیں وہ مائنڈ نہ کرجائیں کہ ہمارے ہاں مہمانوں سے کام کروایا جاتا ہے۔‘‘

’’مہمان کیوں ہوئی یہ اس کا اپنا گھر ہے۔ کیوں اجالا کیا تم اسے اپنا گھر نہیں سمجھتیں۔‘‘ وہ اس وقت بہت بری پھنسی تھی۔ انکل تو اس سے ہمیشہ ہی اسی قسم کی باتیں کیا کرتے تھے مگر وہ اس کی موجودگی کے سبب بری طرح نروس ہورہی تھی۔ کوئی جواب دینے کے بجائے وہ کافی بنانے کے لےے کھڑی ہوگئی۔ وہ دونوں ہی شاید اس کی بوکھلاہٹ اور نروس ہونے کو محسوس کر گئے تھے اس لےے مزید کچھ نہیں کہا گیا۔

تھوڑی دیر بعد جب وہ کافی بنا کر وہاں آئی تو وہ آپس میں گفتگو میں مشغول تھے۔ ان دونوں کو کپ سرو کر کے وہ اپنا کپ لے کر انکل کے برابر میں بیٹھ گئی۔ کافی کا سپ لیتا وہ ان سے مخاطب ہوا۔

’’میں آپ کو بتانا تو بھول ہی گیا۔ ویزا مل گیا ہے۔ اب آپ ڈسائڈ کرلیں کہ کب چلنا ہے۔‘‘ اس کی بات پر وہ ایک دم خوش ہو اٹھے تھے۔

’’دیر کس بات کی ہے۔ میں تو ابھی تیار ہوں۔ تم اپنی سہولت دیکھ لو، اسی حساب سے سیٹس کنفرم کروالو۔‘‘ وہ سمجھنے کی کوشش کر رہی تھی کہ وہ کہاں جانے کی بات کر رہے ہیں۔ وہ خود ہی اسے بتانے لگے۔

’’ہم دادا پوتا ہر سال کہیں نہ کہیں گھومنے جاتے ہیں یہ اور بات ہے کہ میں اس کے پیچھے لگا رہتا ہوں اور یہ مصروفیت کا بہانہ بنا کر ٹال مٹول سے کام لیتا رہتا ہے اور پھر آخر کار سونخروں کے بعد کہیں یہ حضرت اویل ایبل ہوتے ہیں۔ اس بار صورت حال کچھ ڈفرنٹ ہے۔ انہیں کیونکہ وہم ہوگیا ہے کہ مجھے اپنی طبیعت کے پیش نظر تبدیلی آب و ہوا کی شدید ضرورت ہے اس لےے میرے کہے بغیر خود ہی پروگرام ارینج کرلیا۔ پیرس، روم اور لندن تو پہلے ہی ہمارے پروگرام میں شامل تھا۔ میں نے سوچا کہ کیوں نہ واپسی میں آتے ہوئے عمرہ بھی کر لیا جائے۔ خوش قسمتی سے اس کا ویزا بھی فوراً ہی مل گیا۔‘‘ ان کی وضاحت پر وہ کچھ بجھے ہوئے انداز میں بولی۔

’’کتنے دنوں کے لےے جارہے ہیں آپ؟‘‘

’’کم سے کم ایک مہینہ تو ضرور لگے گا۔‘‘ وہ اس کے اداس چہرے کو دیکھ کر کہنے لگے۔

’’اچھا تم یہ بتائو وہاں سے تمہارے لےے کیا لائوں۔‘‘ وہ شاید اسے بہلانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اویس کافی کا کپ ہاتھ میں لےے بڑی فرصت سے اس کے چہرے کو پڑھ رہا تھا۔ اس نے انکار میں گردن ہلا دی تو وہ کہنے لگے۔

’’ٹھیک ہے پھر میں اپنی مرضی سے جو بھی لے آئوں چپ چاپ رکھ لینا یہ مت کہنا کہ یہ چیز تو مجھے بالکل بھی پسند نہیں ہے۔‘‘ اسی وقت اویس کے موبائل کی بیل بجی تھی وہ ایکسکیوز کرتا ہوا وہاں سے اٹھ گیا تھا۔

اس کے روےے سے کچھ حوصلہ ملا تھا اسی لےے وہ اگلے دن دس بجے ان کے گھر آگئی تھی۔ وہ خود تو گھر پر موجود نہ تھا انکل البتہ گھر پر ہی تھے۔ انہوں نے اسے بتایا تھا کہ کل رات بارہ بجے کی فلائٹ سے وہ لوگ روم جارہے ہیں پھر وہاں سے پیرس، لندن اور آخر میں جدہ۔ ان کی بات پر وہ بہت اداس ہوگئی تھی۔ ان سے اتنے دن کی جدائی کا سوچ کر اسے گھبراہٹ ہورہی تھی۔ اگلے دن اس نے انہیں فون پر ہی اللہ حافظ کہہ دیا تھا۔ اسے لگ رہا تھا کہ وہ ان کے سامنے جا کر رو پڑے گی اور وہ اس کے رونے پر حیران ہوں گے ان کے گھومنے پھرنے کے لےے کہیں جانے پر رونے کا کون سا پہلو نکلتا ہے

٭٭٭

دن بڑے بے کیف سے گزر رہے تھے۔ وہ جو ان سے روز ملنا ایک روٹین سا بن گیا تھا اب ان کے بغیر کچھ بھی اچھا نہیں لگ رہا تھا۔ اللہ اللہ کر کے ایک مہینہ پورا ہوا تو اس نے سکون کا سانس لیا۔ فون کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ لوگ ابھی نہیں آئے ہیں۔ پھر وہ روز ہی فون کر کے معلوم کرتی اور ہر روز ہی اسے مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا۔ یونہی کرتے دس روز مزید گزر گئے تھے۔ صرف ایک مہینہ اور دس دن ان کے بغیر صدیوں کے برابر محسوس ہورہے تھے۔

اس روز چھٹی کا دن تھا۔ وہ ناشتے کے بعد بے دلی سے اپنے کمرے میں لیٹی وقت گزارنے کی کوشش کر رہی تھی۔ اسی وقت حمیدہ نے اطلاع دی تھی کہ اس کا فون ہے۔ وہ اندازے لگاتی کہ کس کا فون ہوسکتا ہے لائونج میں آگئی تھی۔ دوسری طر ف انکل کی آواز سن کر وہ خوشی کے مارے چیخ اٹھی تھی۔

’’اتنے دن لگا دےے آپ نے میں آپ کو اتنا یاد کر رہی تھی۔‘‘ دوسری طرف وہ حیران ہو کر کہہ رہے تھے۔

’’اتنے زیادہ دن تو نہیں لگے۔ صرف ایک مہینہ اور دس دن زیادہ تو نہیں ہوتے۔‘‘

’’آپ کے لےے نہیں تھے میرے لےے زیادہ تھے۔ آپ کا کیا ہے آپ تو وہاں گھوم پھر رہے تھے انتظار میں تو میں سوکھ رہی تھی۔‘‘ وہ اس کے روٹھے لہجے پر بے اختیار ہنس پڑے تھے۔

’’مجھے کیا پتا تھا میری بیٹی اتنی شدت سے مجھے یاد کر رہی ہے ورنہ میں اور جلدی آجاتا۔ خیر یہ بتائو تم مجھ سے ملنے یہاں آرہی ہو یا میں تمہارے گھرآجائوں؟‘‘

’’میں آرہی ہوں، ابھی فوراً۔‘‘ وہ جلدی سے بولی تھی۔ انہیں اللہ حافظ کہتے ہی وہ فوراً ہی گھر سے نکل کھڑی ہوئی تھی۔ ان کے اور اس کے گھر کے درمیان مشکل سے دس منٹ کا واکنگ ڈسٹنس تھا۔ وہ بھی اس نے تیز قدموں سے طے کیا تو تین چار منٹ کے اندر ہی ان کے گھر پہنچ گئی۔ لائونج کا دروازہ کھول کر اندر داخل ہوئی تو وہ صوفے پر بیٹھے ٹی وی دیکھ رہے تھے اور اویس فلور کشن پر بیٹھا اخبار کا مطالعہ کر رہا تھا۔ انگریزی اور اردو کے تین چار اخبارات اس کے سامنے بکھرے پڑے تھے۔ اسے اندر آتا دیکھ کر وہ دونوں ہی اس کی طرف متوجہ ہوگئے تھے۔

’’کیا اسپیڈ ہے بھئی ابھی تو پاپا جانی نے کارڈلیس رکھا ہی تھا کہ آپ پہنچ بھی گئیں۔‘‘وہ مسکرا کر بولا تھا۔

’’ویسے آپ دونوں ہی کا ایک سا حال ہے۔ یہ پاپا جانی رات کو بارہ بجے آتے کے ساتھ ہی آپ کو فون کھڑکانے والے تھے وہ تو میں نے روک دیا کہ ان شائ اللہ صبح بھی ہوگی۔ کسی کے گھر فون کرنے کا یہ بڑا ہی اوڈ ٹائم ہے۔‘‘ اس کی بات پر پاپا جانی جو اسے ہاتھ پکڑ کر اپنے برابر بٹھا رہے تھے بول پڑے۔

’’تم کیوں جل رہے ہو۔ ہماری محبت سے۔‘‘ اسے فارغ کر کے وہ اجالا کی طرف متوجہ ہوئے۔

’’کیسی ہے میری بیٹی۔ کچھ کمزور سی لگ رہی ہو کیا بات ہے۔‘‘ وہ ان کی فکر مندی پر مسکرا دی اور تسلی دینے والے انداز میں بولی ۔

’’میں بالکل ٹھیک ہوں۔ آپ لوگوں کا ٹور کیسا رہا؟‘‘

’’ٹور ایک دم شاندار رہا ہم دونوں دادا پوتا خوب گھومے۔ لندن میں تو کچھ رشتے دار اور دوست احباب رہتے ہیں ان سے ملنا ملانا رہا۔ وہاں اتنی کوئی خاص تفریح نہیں ہوئی البتہ روم اور پیرس ہم نے فرصت سے گھوما۔‘‘ وہ اسے اپنے دورے کی تفصیل سنانے لگے تھے۔

’’آپ تو اس سے پہلے بھی وہاں بہت مرتبہ گئے ہوئے ہوں گے۔‘‘ وہ بڑے شوق سے دریافت کرنے لگی۔

’’ہاں روم تیسری مرتبہ اور پیرس چھٹی مرتبہ گیا ہوں میں۔ سب سے پہلی دفعہ پیرس اپنی یونیورسٹی کے دنوں میں گیا تھا اور وہ شہر مجھے اتنا اچھا لگا تھا کہ شادی کے بعد ہنی مون کے لےے میں اور صبیحہ پیرس ہی گئے تھے۔‘‘ وہ کسی تصور میں کھوئے اسے بتا رہے تھے۔ اویس ان دونوں کو باتوں میں مگن دیکھ کر دوبارہ اخبار میں غرق ہوگیا تھا۔

’’اخلاق میرے کمرے میں جو بلیک کلر کا شوپر رکھا ہے وہ لے کر آئو۔‘‘ انہوں نے اخلاق کو با آواز بلند آواز دی اور وہ سر ہلاتا کمرے کی طرف چلا گیا تو وہ اس سے کہنے لگے۔

’’اخلاق بتا رہا تھا کہ تم روزانہ فون کر کے پوچھتی تھیں ہم لوگوں کے بارے میں۔‘‘

’’ہاں آپ نے اتنے دن جو لگا دےے۔ ایک مہینے کا کہہ کر گئے تھے۔‘‘ وہ ناراضی سے بولی۔

’’اصل میں ارادہ تو خالی عمرہ کر کے واپس آجانے کا تھا پھر میں نے سوچا کہ پندرہ دن کا ویزا مکمل استعمال کرنا چاہےے قسمت والے ہوتے ہیں وہ جنہیں اللہ اپنے در کی حاضری نصیب کرتا ہے۔ اس لےے پروگرام سے ہٹ کر یہ اضافی دن مکہ مدینہ میں گزر گئے۔‘‘ اسی وقت اخلاق نے ایک بھاری بھرکم شوپر لا کر ان کے سامنے رکھا۔

’’اجالا کے لےے لائم جوس اور میرے لےے ایک کپ گرما گرم کافی کا جلدی سے لے کر آئو۔‘‘ وہ بیگ میں سے سامان نکالتے ہوئے اس سے بولے۔

’’یہ پرفیومز میں نے تمہارے لےے پیرس سے خریدے ہیں اور یہ پینٹنگ بطور خاص تمہارے لےے وینس سے خریدی ہے۔ ہم لوگ د و دن کے لےے وینس بھی گئے تھے۔ میں نے سوچا کہ آرٹسٹ بندی ہے اس لےے کسی نادر و نایاب پینٹنگ سے بڑھ کر کوئی اور تحفہ کیا ہوگا اور یہ پین لندن سے خریدا تھا۔ اب پتا نہیں یہ چیزیں تمہیں اچھی لگی بھی ہیں یا نہیں بہرحال۔ میں نے سوچا تم دوسری لڑکیوں کی طرح کاسمیٹکس اور جیولری تو زیادہ استعمال کرتی بھی نہیں ہو۔ اس لےے اس قسم کی کوئی چیز نہیں لی۔‘‘

وہ اتنے زیادہ قیمتی تحائف قبول کرنے سے ہچکچا رہی تھی۔

’’انکل آپ کا بہت شکریہ آپ نے مجھے یاد رکھا۔ لیکن یہ سب بہت زیادہ ہے۔ بس ایک آدھ چیز کافی تھی۔‘‘ وہ انہیں انکار کرنا بھی چاہ رہی تھی اور کرتے ہوئے ڈر بھی رہی تھی کہ وہ ناراض ہوجائیں گے۔

’’اس کا مطلب ہے تمہیں یہ چیزیں پسند نہیں آئیں۔‘‘ وہ جان بوجھ کر اس کی بات کو غلط رنگ دینے لگے تو وہ بے اختیار بولی۔

’’سب چیزیں بہت اچھی ہیں لیکن۔۔۔‘‘

’’کوئی لیکن ویکن نہیں۔‘‘ وہ اس کی بات کاٹ کر خفگی بھری انداز میں بولے۔

’’میں تمہیں صرف بیٹی کہتا ہی نہیں سمجھتا بھی ہوں اور تم میرے ساتھ غیریت برت رہی ہو۔ یہ اویس بھی تو ہے۔ تمہاری طرح اس کے لےے بھی میں نے پرفیومز خریدے بلکہ اس نے ضد کر کے مجھ سے پیسے بٹورے، تمہارے ہی جیسا پین اس کے لےے بھی لیا۔ اس نے تو مجھ سے کوئی بھی چیز لیتے ہرگز تکلف نہیں کیا تم کیا اس سے بھی بڑی ہوگئی ہو۔‘‘ ان کی ناراضی سے سہم کر وہ جلدی سے بولی۔

’’آپ ناراض تو مت ہوں آئم سوری۔‘‘

’’آئندہ اگر تم نے میرے ساتھ غیروں والی بات کی تو میں واقعی ناراض ہوجائوں گا۔‘‘ اویس اس تمام بات چیت سے بے نیاز اخبار میں کھویا ہوا تھا۔ اخلاق نے ٹرے لا کر سامنے رکھی تو اس نے لائم جوس کا گلاس اٹھا لیا۔

’’مدینہ میں ایک اتنا خوب صورت گولڈ کا بریسلٹ خریدتے خریدتے رک گیا۔ حالانکہ وہ تمہارے ہاتھ میں بہت اچھا لگتا۔ لیکن میں نے تمہیں کبھی جیولری پہنے ہوئے دیکھا ہی نہیں اس لےے سوچا کہ شاید تم پسند نہیں کرتیں۔‘‘ وہ کافی پیتے ہوئے بولے۔

’’نہیں مجھے الجھن سی ہوتی ہے۔ اگر کبھی کہیں آنے جانے کے لےے پہن بھی لوں تو سخت کوفت ہوتی ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے بہت سا وزن میرے اوپر لدا ہوا ہے۔ سانس گھٹنے لگتی ہے۔‘‘ وہ اپنے سادہ رہنے کی وجہ بتانے لگی تو وہ بے اختیار مسکرا دےا۔

’’اویس میں تم سے کہہ رہا تھا نا اس کی ہر بات سبین جیسی ہے۔ وہ بھی اسی کی طرح میک اپ اور زیورات سے بے زار رہا کرتی تھی۔‘‘ انہوں نے اویس کو مخاطب کیا تو وہ اخبار پر سے سر اٹھا کر اس کی طرف دیکھ کر مسکرادیا اور دوبارہ اپنی نظریں اس پزل کی طرف گاڑ دیں جسے وہ حل کر رہا تھا۔ اس کی طرف سے اپنی بات کا کوئی جواب نہ پا کر وہ کچھ بے مزا سے ہوئے۔

’’یہ لڑکا کبھی نہیں سدھرے گا۔‘‘ انہوں نے دل میں سوچا۔ اس کی طرف سے مایوس ہو کر وہ دوبارہ اجالا سے مخاطب ہوئے۔

’’صبیحہ تو سخت چڑا کرتی تھی سبین کی اس عادت سے۔ مگر وہ بھی ایک ہی تھی۔ اگر کبھی کہنے سننے پر کچھ پہن بھی لیا تو تھوڑی دیر بعد ہی سب اتار کر بیٹھی ہوئی ہوتی تھی۔ بالکل تمہاری طرح دھلے ہوئے منہ سے رہا کرتی تھی۔‘‘

’’انہیں تیار ہونے کی ضرورت بھی کیا تھی۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں سجا سنوار کر اور خوب تیار کر کے اس دنیا میں بھیجا تھا ان مصنوعی سہاروں کی انہیں بالکل بھی حاجت نہیں تھی۔‘‘

وہ سامنے دیوار پر لگی اس تصویر پر جس میں ایک بے حد حسین لڑکی ایک نہایت خوبرو مرد کے ساتھ کھڑی تھی نظریں جما کر بولی۔ ہر بار ان کے گھر آکر اس تصویر کو دیکھ کر وہ یہی سوچا کرتی تھی کہ شاید ایسے ہی جوڑے کو چاند سورج سے تشبیہ دی جاتی ہے۔ وہ دونوں حسن و خوب صورتی کا مجموعہ تھے۔ ایک دم پرفیکٹ کپل۔

’’تمہارے سادگی سے رہنے کی بھی کیا یہی وجہ ہے۔‘‘ وہ شرارت سے مسکراکر بولے تو وہ جھینپ کر رہ گئی۔

’’میں اپنی بات تو نہیں کر رہی تھی۔ میں تو عادتاً ہی ایسی ہوں۔‘‘ وہ وضاحتی انداز میں بولی تو وہ کہنے لگے۔

’’کیوں تمہارے خیال سے کیا تم خوب صورت نہیں ہو؟‘‘ انہوں نے ذراسی بات کا ایشو بنا کر بحث کو طویل کر دیا تھا۔ وہ ایک نظر اویس پر ڈال کر جوان لوگوں سے یکسر بے نیاز اور بے گانہ محسوس ہورہا تھا بولی۔

’’اللہ کا شکر ہے اس نے تمام چیزوں کے ساتھ بنایا ہے اور اللہ تعالیٰ سب لوگوں کو تو حسن کا مجسمہ بنا نہیں سکتے تھے۔ کچھ لوگوں کو تو میرا جیسا بھی ہونا تھا بڑا عام سا۔‘‘ اس کی بات پر وہ تاسف سے گردن ہلا کر بولے۔

’’لڑکی تم انکساری سے کام لے رہی ہو تمہیں اندازہ ہی نہیں ہے اپنی خوبصورتی کا۔‘‘ ان کی بات پر وہ بے ساختہ مسکرا دی تھی۔

’’آپ کو تو میں پیاری لگوں گی ہی۔‘‘ وہ ان کی بات کو انجوائے کرتے ہوئے بولی تھی۔

’’کیوں تم خود کس کو پیاری لگنا چاہتی ہو؟ کون ہے وہ جس کے تعریف کرنے پر تمہیں اپنی خوب صورتی کا یقین آئے گا۔‘‘

وہ بڑے صاف گو بلکہ کسی حد تک منہ پھٹ بھی ہیں یہ بات وہ جانتی تھی لیکن اس حد تک ہوں گے یہ اس کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا۔ اس وقت ان کی اس بات پر اس کے چودہ طبق روشن ہوگئے تھے وہ کوئی جواب دینے کی پوزیشن ہی میں نہیں تھی۔

سامنے بیٹھے بندے نے اخبار ایک طرف رکھ دیا تھا اور اب بڑے غور سے اس کا سرخ چہرہ دیکھ رہا تھا۔ اسے سر جھکائے ہوئے بھی پتا تھا کہ وہ دونوں ہی بڑی فرصت سے اس کے چہرے کا معائنہ کر رہے ہیں۔ اس قسم کی صورت حال کا سامنا اسے زندگی میں پہلی مرتبہ کرنا پڑ رہا تھا اور وہ سخت نروس ہورہی تھی۔ وہ اپنی اس کیفیت سے جلد سے جلد پیچھا چھڑا لینا چاہتی تھی۔ اس طرح کی باتیں تو اس نے کبھی اپنی دوستوں میں بیٹھ کر بھی نہیں کی تھیں کہاں کہ دو عدد مردوں کے سامنے۔ فوری طور پر اس کی سمجھ میں یہی آیا کہ کپ اور گلاس ٹرے میں رکھ کر واپس کچن میں رکھ آئے اس خیال کے آتے ہی وہ جلدی سے ٹرے اٹھا کر کھڑی ہوگئی۔

’’انکل آپ کے لےے کافی اور لائوں؟‘‘ وہ جو ہونٹوں میں مسکراہٹ دبائے اسے شوخ نظروں سے دیکھ رہے تھے بے اختیار قہقہہ لگا کر ہنس پڑے تھے۔

’’نہیں رہنے دو۔‘‘ اس کی حالت پر شاید انہیں ترس آگیا تھا اس لےے قہقہہ مختصر کر تے ہوئے جواب دیا تھا اور وہ جلدی سے کچن کی طرف چلی گئی تھی۔ کچن میں آکر دو گلاس ٹھنڈے پانی کے پی کر اس نے اپنے حواس بحال کےے اور پھر وہیں کھڑے ہو کر دو چار منٹ گزار دےے۔ کچھ دیر بعد وہ لائونج میں واپس آئی تو خود کو کسی حد تک نارمل کر چکی تھی۔

’’اچھا انکل میں چلتی ہوں۔‘‘ وہ وہیں کھڑے کھڑے ان سے بولی تو وہ ٹی وی سے نظریں ہٹا کر اسے دیکھتے ہوئے بولے۔

’’اتنی جلدی کیا ہے۔ کھانا کھا کر جانا۔‘‘

’’نہیں مجھے گھر جا کر اپنے ہفتے بھر کے جمع شدہ بہت سے کام نبٹانے ہیں۔ اور ویسے بھی میں نے تو ناشتا ہی اتنا لیٹ کیا تھا لنچ تو شاید ہی کروں۔‘‘

’’کوئی بہانہ نہیں چلے گا۔ بھوک نہیں ہے تو کوئی بات نہیں خالی ہمارا ساتھ دینے کے لےے بیٹھ جانا۔‘‘ وہ اس کے اعتراض کو کوئی اہمیت دینے کو تیار نہ تھے۔

’’انکل دیر ہوجائے گی۔ سچ مجھے بہت کام ہے۔‘‘

اویس شاید اخبار پڑھ چکا تھا اسی لےے اب فرصت سے بیٹھا ان دونوں کی گفتگو سن رہا تھا۔

’’ویسے تو مجھے معلوم ہے کہ تم بہانے بازی کر رہی ہو لیکن پھر بھی مان لیتا ہوں کہ تمہیں جلدی ہے۔ لیکن کھانا تو تمہیں پھر بھی کھانا پڑے گا۔‘‘ اس سے کہتے انہوں نے شاہد کو آواز دے کر کھانا لگانے کے لےے کہا۔

’’تمہاری خاطر آدھا گھنٹہ پہلے ہی لنچ کر لیتے ہیں۔‘‘ وہ ہتھیار ڈالنے والے انداز میں صوفے پر بیٹھ گئی۔

اویس اس کی بے بسی پر مسکرا کر رہ گیا تھا۔ کچھ دیر بعد وہ ان دونوں کے ساتھ ڈائننگ ٹیبل پر بیٹھی تھی۔ وہ اسے اصرار کر کے مختلف چیزیں پیش کرنے لگے تو وہ روٹھے ہوئے لہجے میں بولی۔

’’آپ نے کہا تھا خالی ساتھ دینے کے لےے بیٹھ جانا۔‘‘ اس کی بات پر اویس بڑی سنجیدگی کے ساتھ پاپا جانی سے مخاطب ہوا۔

’’یہ بالکل صحیح کہہ رہی ہیں آپ کو اپنے کہے لفظوں کا احترام کرنا چاہےے۔‘‘ اجالا نے چونک کر اس کی طرف دیکھا تو وہ بڑی سنجیدگی سے سلاد کھاتا پاپا جانی کی طرف دیکھ رہا تھا۔ وہ سمجھ نہیں پائی کہ وہ اس کا مذاق اڑا رہا تھا یا یونہی بول رہا تھا۔ اس نے اپنی پلیٹ میں تھوڑے سے چاول اور سلاد ڈال کر انکل کو خوش کرنے کی کوشش کی تھی۔ کھانا کھا کر وہ فوراً ہی گھر لوٹ آئی تھی۔

٭٭٭

انکل نے واپس آنے کے بعد دوبارہ پارک آنا شروع کر دیا تو اس نے بھی اپنی سابقہ روٹین بحال کر لی۔ اب وہ دونوں پھر پہلے کی طرح روزانہ گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ واک کرتے اور دنیا جہاں کے موضوعات پر دل کھول کر اظہار خیال کیا جاتا۔ اسے ان کے گھر گئے ایک مہینہ ہوگیا تھا۔ جب انکل سے پارک میں ملاقات ہوجاتی تھی تو پھر گھر جانے کا کوئی جواز ہی نہ تھا۔ وہ خود دو چار مرتبہ اسے گھر بلا چکے تھے لیکن وہ گئی نہ تھی۔

اس روز وہ اور انکل پارک سے نکل کر باتیں کرتے ہوئے فٹ پاتھ پر چل رہے تھے۔ اسی وقت ایک گاڑی ان کے پاس آکر رکی تھی۔ دونوں ہی نے چونک کر دیکھا تھا۔ اپنی طرف کا شیشہ نیچے کرتے اویس ان لوگوں سے مخاطب تھا۔

’’کہاں جانا ہے آپ لوگوں کو؟ آئےے میں ڈراپ کردوں۔‘‘ اس کے شرارتی انداز پر وہ بے اختیار مسکرا دی جبکہ انکل بڑی شان بے نیازی سے کہنے لگے۔

’’ہم ہر ایرے غیرے سے لفٹ نہیں لیا کرتے۔ میاں اپنا راستہ ناپو۔‘‘ ان کی بات کو اس نے خوب انجوائے کیا پھر اس سے بولا۔

’’آپ کی بھی یہی رائے ہے!‘‘ وہ اسے اپنی جانب توجہ پا کر بے اختیار نفی میں سر ہلا گئی۔

’’آپ آج کل ہیں کہاں؟ نظر نہیں آرہیں۔‘‘ اس نے سوال کیا۔

’’یہیں ہوں مجھے کہاں جانا ہے۔ انکل سے تو روز ملاقات ہوتی ہے۔‘‘ اس نے سنجیدگی سے جواب دیا۔ انکل گاڑی کی طرف بڑھتے ہوئے اس سے بولے۔

’’اجالا اب یہ اتنا اصرار کر رہا ہے تو میرا خیال ہے بیٹھ جانا چاہےے۔ آجائو شاباش۔‘‘ وہ اس کے برابر کی نشست سنبھالتے ہوئے اس کے لےے پیچھے کا دروازہ کھول گئے تو اسے بھی گاڑی میں بیٹھنا پڑا۔

’’چلو اس بہانے آج اجالا کا گھر بھی دیکھ لیں گے۔ اس بے مروت لڑکی نے تو کبھی اپنے گھر نہیں بلایا۔‘‘ گاڑی اس کے گھر جانے والی سڑک پر مڑی تو انکل بولے۔ ان کی بات پر وہ کچھ پریشان سی ہوگئی۔ اپنے گھر کا تصور اس کے لےے اتنا بھیانک تھا کہ وہ خود وہاں بمشکل جایا کرتی تھی اب انہیں لازمی اندر چلنے کی آفر کرنی پڑے گی۔ وہ کچھ بے چین سی ہوگئی۔ گاڑی اس جہنم کے سامنے رکی جسے اس کا گھر ہونے کا اعزاز حاصل تھا تو وہ بڑی بد دلی سے گاڑی سے اترتے ہوئے بولی۔

’’آئےے انکل اندر چلےے۔‘‘ انداز ایسا تھا جیسے مجبوراً بلا رہی ہو اور وہ جنہیں چہرہ شناسی کا دعوا تھا کیسے اس کا چہرہ نہ پڑھ پاتے۔

’’پھر کسی وقت آئیں گے ان شائ اللہ اللہ حافظ۔‘‘ انہوں نے پرشفقت انداز میں مسکرا کر معذرت کی تو اویس نے گاڑی اسٹارٹ کر دی۔ ان لوگوں کو اللہ حافظ کہتی وہ گیٹ میں گھس گئی۔

٭٭٭

وہ اسٹڈی میں بیٹھے اویس سے اپنے آرٹیکلز کمپیوٹر پر ٹائپ کرا رہے تھے۔ وہ تیز رفتاری سے کی بورڈ پر انگلیاں چلا رہا تھا جبکہ وہ کچھ فاصلے پر راکنگ چیئر پر بیٹھے اسے ٹائپ کرتا دیکھنے کے ساتھ مختلف مشوروں سے نواز رہے تھے۔ جہاں کچھ ترمیم کرنی ہوتی وہ وہیں بیٹھے بیٹھے کروادیتے۔ ان دنوں وہ اپنی کتاب کو منظر عام پر لانے کے لےے کام میں مصروف تھے اور فارغ وقت میں اویس ان کا بھرپور ساتھ دیا کرتا تھا۔ کوریڈور سے آتی اجالا کی آواز کو ان دونوں ہی نے تعجب کے ساتھ سنا تھا وہ شاید اخلاق سے پوچھ رہی تھی۔

’’انکل کہاں ہیں؟‘‘ انہوں نے بے ساختہ وال کلاک کی طرف دیکھا تھا رات کے دس بجے اس کا آنا خاصا تعجب خیز تھا۔ وہ زیادہ تر دن میں یا بہت سے بہت ہوا تو شام میں آیا کرتی تھی۔ اتنے دنوں سے تو وہ ان کے گھر آبھی نہیں رہی تھی اتنے دنوں بعد آنا وہ بھی رات کے وقت وہ اس کی آمد کی وجہ سوچنے لگے انہیں خیال آیا کہ وہ آج شام پارک بھی نہیں آئی تھی۔ اویس ان کی فکر و پریشانی سے لا تعلق ٹائپنگ میں مصروف تھا۔ اسی وقت وہ دروازہ کھول کر اندر داخل ہوئی۔

’’بیٹا اتنی رات کو آئی ہو سب خیر تو ہے۔‘‘ اسے اندر آتا دیکھ کر سب سے پہلے یہی جملہ ان کے منہ سے نکلا۔ وہ ان کے سوال کا کوئی جواب دےے بغیر تیزی سے ان کی طرف آئی اور کارپٹ پر ان کے بالکل سامنے بیٹھتے ہوئے ان کے گھٹنوں پر ہاتھ رکھ کر بولی۔

’’میں آپ سے ایک بات پوچھنے آئی ہوں۔‘‘ اتنی تہذیب یافتہ اور شائستہ لڑکی سے وہ یہ توقع کبھی بھی نہیں رکھتے تھے کہ وہ بغیر سلام کےے آتے ہی عجیب لا یعنی باتیں شروع کر دے گی۔ انہوں نے غور سے اس کی طرف دیکھا تو وہ انہیں بہت بدلی ہوئی محسوس ہوئی۔ اس کی آنکھوں سے جھانکتی وحشت اور دیوانگی انہیں در حقیقت خوف زدہ کر گئی۔ اویس کی بورڈ اور مونیٹر سے نظریں ہٹائے اسے ہی دیکھنے لگا تھا مگر وہ اس کی موجودگی سے بے نیاز ان کے گھٹنوں پر اپنے ہاتھوں کی گرفت سخت کرتے ہوئے بولی۔

’’آپ مجھ سے محبت کرتے ہیں؟‘‘ انہیں وہ اس وقت کوئی نفسیاتی مریضہ محسوس ہورہی تھی اس کی حالت انہیں تشویش میں مبتلا کرنے لگی تو وہ اس کے سر پر ہاتھ رکھتے ہوئے بولے۔

’’اجالا کیا بات ہے بیٹا۔ کیا ہوگیا ہے تمہیں۔‘‘

’’آپ مجھ سے محبت کرتے ہیں یا نہیں۔‘‘ وہ ان کا سوال نظر انداز کر کے اپنی بات دہرانے لگی تو وہ اس کی نا سمجھ میں آنے والی کیفیت پر پریشان سے ہو کر اویس کو دیکھنے لگے اس نے آنکھوں آنکھوں میں اشارہ کیا کہ اس کی بات کا جواب دیں۔

’’یہ بھی کوئی پوچھنے والی بات ہے۔ ظاہر ہے میں تم سے بہت محبت کرتا ہوں۔‘‘

’’جھوٹ بولتے ہیں آپ۔‘‘ وہ اپنے سر پر رکھا ان کا ہاتھ جھٹک کر بولی۔

’’اگر مجھ سے محبت کرتے تو میرے بارے میں پوچھتے میں کون ہوں میرے گھر والے کون ہیں اور میں گھر سے بے زار ماری ماری کیوں پھرتی ہوں۔‘‘ وہ ہذیانی انداز میں چیخ کر بولی تھی۔

’’نہیں میری جان میں تم سے بہت پیار کرتا ہوں۔ میں تو صرف یہ چاہتا تھا کہ تم خود سے میرے اوپر بھروسہ کر کے مجھے اپنے بارے میں سب کچھ بتائو۔‘‘ وہ نرم لہجے میں بولے۔ جس اجالا کو وہ جانتے تھے وہ اس لڑکی سے بہت مختلف تھی جو اس وقت ان کے روبرو تھی اور ان کی سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ اس کےس اتھ کس طرح بی ہیو کریں۔

’’ابھی جب میں گھر سے گاڑی لے کر نکلی تو میرا دل چاہا کہ سامنے سے آتے ٹرک سے گاڑی ٹکرادوں میں ایسا کرنے بھی والی تھی پھر اسی وقت مجھے خیال آیا کہ میرے مرنے پر تو کوئی رونے والا بھی نہیں ہوگا۔ میں نے سوچا آپ سے پوچھ لوں کہ آپ مجھ سے محبت کرتے ہیں یا نہیں شکر ہے اب میرے مرنے پر کوئی تو اداس ہوگا۔ پہلے میں سوچا کرتی تھی کہ آخر لوگ خود کشی کیسے کر لیتے ہیں۔ خود اپنے ہاتھوں اپنی زندگی ختم کر لینا کتنا مشکل کام ہے لیکن یہ کوئی اتنا ناممکن کام بھی نہیں ہے۔ آپ میرے مرنے کے بعد بھی مجھے یاد رکھیں گے نا۔‘‘

وہ اس وقت قطعاً اپنے حواسوں میں نہیں تھی وہ اس کی باتوں پر دہل کر رہ گئے تھے۔

’’اجالا ایسے نہیں کہتے بیٹا۔ مجھے بتائو ہوا کیا ہے۔ کسی نے کچھ کہا ہے گھر والوں سے کوئی ناراضی ہوگئی ہے۔ شاباش مجھے بتائو۔‘‘ وہ اسے بچوں کی طرح بہلانے کی کوشش کرنے لگے۔ اپنے ہاتھوں سے اس کے چہرے پر بکھری لٹوں کو سنوارتے ہوئے وہ اسے نارمل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ وہ اچانک ان کے گھٹنوں پر سر رکھ کر پھوٹ پھوٹ کر رو پڑی تھی۔

’’مجھ سے کوئی پیار نہیں کرتا۔ کسی کو میری ضرورت نہیں۔ میں ان وانٹڈ ہوں اور وہ ماریہ کہہ رہی تھی کہ میری بد دعائوں کی وجہ سے اس کا بچہ مر گیا ہے، میں اس سے جیلس ہوتی ہوں۔ اسے خوش دیکھ کر جلتی رہتی ہوں اور میری وجہ سے اس کی زندگی جہنم بنی ہوئی ہے۔‘‘

وہ بلک بلک کر رو رہی تھی۔ اویس ایک دم اٹھ کر اس کی طرف آیا تھا۔ وہ اس بات سے ڈر رہا تھا کہ کہیں پاپا جانی کی اپنی حالت اس کے رونے کی وجہ سے خراب نہ ہوجائے۔ یہ لڑکی جس سے وہ بہت پیار کرتے تھے۔ اس کا رونا آخر کیسے برداشت کر سکتے تھے۔ ان کے گھٹنوں پر رکھا اس کا سر اس نے آرام سے اٹھایا تو وہ دھندلی آنکھوں سے اس کی طر ف دیکھنے لگی۔

پاپا جانی تو چپ سادھے بیٹھے ہوئے بس ایک ٹک اسے دیکھے جارہے تھے۔ اس کا تو شاید ذہن اور شعوری نظام مکمل طور پر مفلوج ہو گیا تھا اس لےے اسے دیکھ کر بھی نہیں چونکی اور ان سے کہنے لگی۔

’’اور وہ سعود آرام سے کھڑا اس کی ساری باتیں سنتا رہا تھا پھر جب میں گاڑی کی چابی لے کر باہر نکلی اس نے مجھے روکا بھی نہیں۔ ہاں ہوتی ہوں میں جیلس۔ مجھ سے کسی کی خوشی برداشت نہیں ہوتی۔ جب میں خوش نہیں ہوں تو کسی اور کو کیا حق پہنچتا ہے خوش ہونے کا۔ میرا دل چاہتا ہے سارے لوگوں سے ان کی خوشیاں چھین لوں میں روئوں تو سب روئیں ہاں میں نے مارا ہے اس کے بچے کو۔‘‘ وہ پھر چیخ چیخ کر رونے لگی تھی۔

’’اجالا ہوش میں آئو۔‘‘ اویس نے اسے جھنجھوڑا۔

’’دیکھو تمہاری وجہ سے پاپا جانی کی طبیعت خراب ہوجائے گی۔ اپنا نہیں تو ان کا خیال کرو۔‘‘ اس کی بات پر وہ بے اختیار اس کے سینے پر سر رکھ کر زار و قطار رونے لگی تو وہ بری طرح بوکھلا گیا۔ دو تین منٹ بعد اس نے محسوس کیا کہ رونے کی آواز بند ہوگئی ہے۔ ڈرتے ڈرتے اپنے سینے پر رکھا اس کا سر اٹھایا۔ تو اس کا بے ہوش وجود اس کے ہاتھوں میں جھول کر رہ گیا۔

’’اویس ڈاکٹر کو فون کرو۔ پتا نہیں اسے کیا ہوگیا ہے۔‘‘ پاپا جانی اسے بے ہوش دیکھ کر سراسیمگی سے بولے۔

’’پاپا جانی آپ پریشان نہ ہوں۔ اسے کچھ نہیں ہوا ہے۔‘‘ وہ ان کے پریشان چہرے پر نظر ڈال کر تسلی دینے لگا۔

’’کیسے پریشان نہ ہوں۔ میری بچی ایسے حالوں میں پہنچ جائے اور میں آرام سے رہوں۔‘‘ وہ اپنا غصہ اور پریشانی اس پر نکالنے لگے۔

’’ہاتھ پائوں چھوڑ دینے اور پریشان ہونے سے آج تک تو کوئی مسئلہ حل نہیں ہوا۔‘‘ وہ کچھ ناراضی بھرے لہجے میں کہتا اسے سنبھال کر اور سہارا دے کر کھڑا ہوا۔ اس کے بے ہوش جسم کا سارا بوجھ اس کے کندھوں پر تھا۔ آہستہ قدموں سے چلتا اسے لے کر وہ پاپا جانی کے بیڈ روم میں آگیا اور بڑے آرام سے احتیاط سے اسے بیڈ پر لٹا دیا۔ اس کے پیچھے وہ بھی کمرے میں داخل ہوگئے تھے اور بیڈ پر اجالا کے برابر میں بیٹھتے ہوئے انہوں نے دو تین سورتیں پڑھ کر اس کے اوپر پھونکی تھیں۔ اویس اس کے چہرے پر پانی کے چھینٹے ڈالتا ہوا اسے آوازیں دے کر بھی اٹھانے کی کوشش کر رہا تھا۔دس پندرہ منٹ کی جدوجہد کے بعد بھی جب وہ ہوش میں نہ آئی تو اس نے ایک آخری کوشش کے طور پر اس کے اوپر جھک کر اسے آواز دی۔

’’اجالا ۔ اٹھو۔‘‘ وہ اب ڈاکٹر کو فون کرنے ہی والا تھا کہ اس کے وجود میں حرکت محسوس کر کے رک گیا۔ اسے ایسا لگ رہا تھا جیسے کہیں بہت دور سے کوئی اسے آواز دے کر بلا رہا ہے۔ یہ آواز کس کی ہے وہ پہچان نہیں پا رہی تھی۔ بڑی مشکلوں سے اس نے آہستہ آہستہ آنکھیں کھولیں تو وہاں موجود دونوں ہی افراد نے شکر ادا کیا۔ اپنے بالکل قریب جھک کر کھڑے ہوئے اویس کو دیکھ کر وہ ایک دم اپنے حواسوں میں واپس آگئی ایک نظر خود پر اور ایک اپنے برابر بیٹھے انکل پر ڈال کر اٹھ بیٹھی۔

دونوں ہاتھوں سے اپنے سر کو تھامے وہ اپنی کچھ دیر پہلے کی دیوانگی پر شرمسار بیٹھی ہوئی تھی۔ وہ دونوں اس سے کچھ بھی کہے بغیر خاموشی سے دیکھ رہے تھے۔ ہوش و خرد سے بیگانگی کے عالم میں وہ جو کچھ کر گزر ی تھی وہ اسے اچھی طرح یاد تھا۔ وہ ساری زندگی کبھی کسی کے سامنے نہ کھلی تھی اپنے خول میں بند لوگوں سے دور دور رہی تھی۔ لوگوں کے لےے وہ ہمیشہ ایک بند کتاب کی طرح رہی تھی۔ کیا ہوجاتا جو وہ آج یہاں نہ آتی۔ اس سے تو بہتر تھا کہ وہ گاڑی واقعی کہیں ٹکرا دیتی۔ یوں خود کو بے نقاب کر کے وہ اپنی ہی نظروں میں گر گئی تھی۔ کس حساب میں وہ ان لوگوں کو پریشان کرنے چلی آئی تھی۔ اس کا دل چاہا کہ وہ کہیں غائب ہوجائے ان لوگوں کی نظروں سے چھپ جائے جو پتا نہیں اس کے بارے میں کیا سوچ رہے ہوں گے۔

’’بیٹا دودھ پیو گی؟‘‘ اس نے اپنے برابر بیٹھے انکل کی آواز سنی۔ اس میں اتنی ہمت بھی نہیں تھی کہ انکار میں گردن ہلاسکے۔

’’اویس شاہد سے کہو ایک گلاس دودھ لائے۔‘‘ انہوں نے اویس سے کہا تو وہ دروازے کی طرف بڑھ گیا۔

’’میں گھر جائوں گی۔‘‘ وہ ان دونوں سے نظریں چرائے سر جھکا کر بولی تھی۔ وہ اب مزید ایک لمحہ بھی ان لوگوں کا سامنا نہیں کر سکتی تھی۔ وہ شاید اپنی محبت سے مجبور ہو کر کچھ کہنے والے تھے کہ اویس فوراً ہی واپس اس کی طرف آتا ہوا بولا۔

’’چلیں پاپا جانی اجالا کو گھر چھوڑ آتے ہیں۔‘‘ وہ اس حالت میں اسے واپس بھیجنے کے لےے کسی قیمت پر راضی نہیں تھے لیکن اویس آنکھوں میں اصرار لےے کھڑا تھا۔ اس کے چہرے پر درج تاثرات ان سے پکار پکار کر کہہ رہے تھے کہ ابھی اس سے کچھ مت پوچھیں وہ بڑی بے چارگی کے عالم میں بیڈ پر سے اٹھے اور اس سے بولے۔

’’چلو تمہیں گھر چھوڑ دیں۔‘‘ وہ اپنے وجود کو بمشکل گھسیٹتی بستر پر سے اتر آئی۔ کھڑے ہوتے ہی اسے پورا کمرہ گھومتا ہوا محسوس ہوا وہ لہرا کر بستر پر گرنے ہی والی تھی جب دائیں طرف کھڑے اویس نے اس کا ہاتھ پکڑ کر اسے گرنے سے بچایا تھا۔ اس نے اپنا ہاتھ چھڑانے کی کوشش کی لیکن اس کے ہاتھوں کی مضبوط گرفت کے آگے اس کی مزاحمت بے کار ثابت ہوئی۔ وہ اسی طرح ا س کا ہاتھ پکڑا ہوا کمرے سے نکل گیا۔ انکل ان دونوں کے پیچھے چلتے کسی سوچ میں ڈوبے ہوئے تھے۔ گاڑی کا دروازہ کھول کر اویس نے اس کا ہاتھ چھوڑ دیا تو وہ چپ چاپ بیٹھ گئی۔ اویس نے ہاتھ بڑھا کر دروازہ بند کیا اور ڈرائیونگ سیٹ کی طرف بڑھ گیا۔ انکل اس کے برابر والی سیٹ پر براجمان خود کو ایک دم بہت بوڑھا محسوس کرنے لگے تھے۔ وہ کیا کرنے والی تھی یہ تو وہ جان چکے تھے لیکن اب یہاں سے جا کر وہ کیا کرے گی یہ سوچ انہیں شدید پریشان کر رہی تھی۔ گاڑی اسٹارٹ ہوگئی تھی اور اس میں بیٹھے تینوں ہی افراد کسی نہ کسی فکر میں غلطاں تھے۔

’’میں آج کے بعد کبھی ان لوگوں سے نہیں ملوں گی۔کبھی ان کے گھر نہیں آئوں گی۔‘‘ وہ اپنے دل میں مصمم ارادہ کر رہی تھی۔

’’لیکن آج کے بعد میں ہوں گی تو کہیں جائوں گی۔ بس اب اس زندگی کی قید سے چھٹکارا پالوں گی پھر جس کا جو دل چاہے میرے بارے میں سوچتا رہے۔‘‘

کچھ دیر پہلے جو ایک شرمندگی سی محسوس ہونے لگی تھی وہ ایک دم زائل ہوگئی اور وہ ہلکی پھلکی ہو کر بیٹھ گئی۔ گاڑی اس کے گیٹ کے سامنے رکی تو وہاں کا پرسکون سا ماحول دیکھ کر اس کے لبوں پر استہزائیہ مسکراہٹ بکھر گئی۔ کسی کو کیا پروا کہ وہ کہاں گئی تھی۔ اگر مر بھی گئی تھی تو کسی کے پاس اتنا وقت نہیں تھا بیٹھ کر اس کا سوگ مناتا یا اسے ڈھونڈنے کی کوشش کرتا۔ خاموشی سے گاڑی سے اتر گئی اور بغیر ان لوگوں کی طرف دیکھے گیٹ کی طرف بڑھنے لگی۔

’’اجالا ایک منٹ رکو۔‘‘ اپنے پیچھے انکل کی آواز سن کر وہ رک گئی۔ گردن موڑ کر پیچھے دیکھا تو وہ گاڑی سے اتر کر اس کے پاس آرہے تھے۔

’’جو سوال تم نے مجھ سے کیا تھا وہی میں تم سے کر رہا ہوں کیا تمہیں مجھ سے محبت ہے؟‘‘ وہ اس کا ہاتھ اپنے ہاتھوں میں پکڑ کر بولے۔ وہ بہت بدتمیزی کے ساتھ انکار کر کے ان کا دل توڑ دینا چاہتی تھی۔ کیا فرق پڑتا تھا جہاں اتنے بہت سے افراد اسے برا سمجھتے تھے اگر ان میں وہ بھی شامل ہوجائیں۔ اس کی صحت پر اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن اپنی سوچ کے بر خلاف وہ اثبات میں سر ہلا گئی۔

’’پھر میں تمہیں اس محبت کی قسم دے کر کہہ رہا ہوں تم خود کو ہر گز بھی کوئی نقصان نہیں پہنچائو گی۔ اجالا میری جان میں اپنوں کو روتے روتے تھک چکا ہوں اب مجھ میں کوئی دکھ، کوئی صدمہ جھیلنے کی ہمت نہیں بچی۔ اویس اور تم ہی اب میری واحد پونجی ہو۔ اس عمر میں مجھے کوئی دکھ نہ دینا۔‘‘

ان کی آنکھوں میں چمکتے آنسو اسے عجیب سے دکھ میں مبتلا کر گئے۔ اویس گاڑی میں بیٹھا ان دونوں کی باتیں سن رہا تھا۔

’’صرف میری خاطر تمہیں زندہ رہنا ہے۔ مجھ سے وعدہ کرو تم کوئی غلط حرکت نہیں کرو گی۔‘‘ ان کی محبت اس کے اندر کی سوئی ہوئی اجالا کو جگا رہی تھی جو محبتوں کی متلاشی تھی۔ جو یہ چاہتی تھی کہ کوئی تو ہو جو اسے پیار کرے بے حد اور بے حساب۔ جس کے لےے وہ بہت خاص ہو۔ جس کے لےے اس کا ہونا بہت اہمیت رکھتا ہو اور اب وہ ہستی اس کے سامنے کھڑی تھی جس سے اس کا کوئی خونی رشتہ نہیں تھا۔ لیکن خونی رشتوں سے بڑھ کر وہ اسے چاہ رہے تھے۔ وہ کیسے انہیں مایوس کر سکتی تھی۔ بے اختیار اس نے گردن ہلا کر ان سے وعدہ کر لیا تو وہ مطمئن ہو کر گاڑی کی طرف بڑھ گئے۔ جب تک وہ اندر داخل نہیں ہوگئی وہ لوگ وہیں موجود رہے تھے۔

٭٭٭

’’میں اپنے ماں باپ کی ان چاہی اولاد ہوں ایک ایسی اولاد جسے اس کے والدین نظر انداز کر دیں جس گھر میں میں نے آنکھ کھولی وہاں کسی کو میری ضرورت نہ تھی۔ میرا وجود وہاں کے مکینوں کے لےے باعث زحمت تھا۔ لیکن صرف دنیا والوں کے لےے بظاہر یہ کلچرڈ اور مہذب انسان اندر سے وہی روایتی مرد تھا جو عورت کا استحصال کر کے اس پر ظلم کر کے اپنی انا کی تسکین کرتا ہے۔ انہیں دنیا میں اگر کسی سے محبت تھی تو ان کی ماں تھیں۔ ہماری دادی جو پوتے کھلانے کی آرزو میں دن گن گن کر گزار رہی تھیں اپنے اکلوتے بیٹے کا ولی عہد دیکھنا ان کا اولین اور دیرینہ خواب تھا۔ لیکن خدا کی خدائی کے سامنے ان کا کچھ زور نہ چلا تھا اور میری ممی کے ہاں پہلی اولاد بیٹی پیدا ہوئی تھی۔ دادی بہت ناراض ہوئی تھیں لیکن ڈیڈی نے انہیں سمجھا بجھا کر منا لیا تھا کہ اگلی بار ضرور ان کے ہاں بیٹا پیدا ہوگا۔ لیکن خدا کو کچھ اور ہی منظور تھا۔

صبا آپی کے بعد حنا بجو کی پیدائش نے دادی کے ساتھ ساتھ ڈیڈی کو بھی آگ بگولہ کر دیا۔ ان دونوں نے مل کر ممی پر زندگی تنگ کر دی۔ انہیں ہر طرح کی اذیت دی گئی، طعنے اور دھمکیاں دی گئیں۔ ڈیڈی کو اپنی دونوں بیٹیوں سے نفرت سی ہوگئی تھی۔ وہ گھر آتے تو بیوی اور بیٹیوں کو برا بھلا کہتے اپنے کمرے میں بند ہوجائے۔ میری ممی تیسری بار پریگیننٹ ہوئیں تو بہت ڈری ہوئی تھیں ان کے اس گھر میں رہنے کا دارومدار اب صرف آنے والے ننھے مہمان پر تھا۔ بیٹی ہونے کی صورت میں انہیں اس گھر سے نکال دیا جانا تھا۔ ڈیڈی چیخ چیخ کر بے شمار مرتبہ انہیں طلاق دے دینے کی دھمکی دے چکے تھے۔ اللہ  کو بھی شاید ممی کی بے بسی پر ترس آگیا تھا۔ اس لےے اس بار وہ اپنے شوہر اور ساس کے سامنے سرخرو ہوگئی تھیں۔ ممی نے اس بار جڑواں بچوں کو جنم دیا تھا۔ میں اور میرا بھائی سعود جو مجھ سے تین منٹ چھوٹا تھا۔

میں پیدائشی طور پر بڑی صحت مند اور ہٹی کٹی تھی اور سعود بڑا کمزور مریل اور بیمار سا بچہ ڈاکٹروں نے اس کی حالت دیکھتے ہوئے اس کی زندگی کی طرف سے مایوسی کا اظہار کر دیا تھا۔ تمام گھر والے ہر قیمت پر اس بچے کی جان بچانا چاہتے تھے۔ میری ممی کو اپنا گھر بچانا تھا اس لےے، ڈیڈی کو دادی کو خوش کرنا تھا اس لےے، اور دادی کو بیٹے کا وارث دیکھنا تھا اس لےے۔ سب کے پاس اسے توجہ دینے کی معقول وجہ موجود تھی۔

ایسے میں کسی کو بھی اس بچی کا خیال نہ آیا جو ماں کی آغوش سے محروم آیا کے رحم و کرم پر گھر میں تہا پڑی رہتی تھی۔

ایک مہینے ہاسپٹل رہ کر جب سعود ڈاکٹروں کی پیشن گوئی کے باوجود صحت یاب ہو کر گھر آگیا تو گھر میں گویا خوشیوں کا سیلاب امنڈ آیا۔ وہ سب ہی کا چہیتا اور لاڈلا تھا۔ لیکن ممی اور دادی کا بالخصوص۔ ممی اسے ایک لمحے کو بھی اپنی نگاہوں سے اوجھل نہ ہونے دیتی تھیں۔ وہ ان کے لےے خوشیوں کا پیغام لے کر آیا تھا اس نے انہیں طلاق جیسے منحوس داغ سے بچا لیا تھا تو وہ کیوں نہ اسے چاہتیں۔ ممی کے پاس میرے لےے کوئی وقت نہ تھا۔ انہیں تو شاید یہ بھی یاد نہ رہا تھا کہ سعود کے ساتھ ساتھ انہوں نے ایک بیٹی کو بھی جنم دیا تھا جس کا انہوں نے ابھی تک نام بھی نہیں رکھا۔

میری پیدائش کے دو ماہ بعد میری نانی کوئٹہ سے آئیں تو انہوں نے ہی میرا نام رکھا ’’اجالا شہریار‘‘ میرا نام تو خود میرے لےے ایک لطیفہ ہے۔ جس کی اپنی زندگی اندھیروں میں ڈوبی ہوئی ہو وہ اجالا کیسے ہوسکتی ہے۔ نانی نے ممی کو ان کی لاپروائی پر سخت سست سنائیں کہ ان کی غفلت کے نتیجے میں بچی بے یار و مددگار آیا کے رحم و کرم پر پڑی ہے اور جسے گھر والوں کی بے توجہی محسوس کر کے آیا بھی اکثر بھول جاتی ہے۔ کئی دفعہ وہ بچی بھوک سے نڈھال ہو کر بلک بلک کر روتی خود ہی چپ ہو کر سوجاتی ہے اور آیا اس کا دودھ بنانا بھول جاتی ہے۔ ممی نے واضح طور پر اپنی بے زاری کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں اب مزید اولا دکی ضرورت ہی نہیں تھی۔ پتا نہیں سعود کے ساتھ یہ بھی کیوں پید اہوگئی۔ ممی اور ڈیڈی دونوں ہی نے مجھے نظر انداز کر دیا تو نانی مجھے اپنے ساتھ کوئٹہ لے گئیں۔ نانی وہاں میرے ماموں کے گھر میں رہتی تھیں۔ جسے اس کے ماں باپ نہ چاہیں اس سے کوئی اور کیا پیار کرے گا سو ماموں ممانی کا رویہ کوئی خاص اچھا نہ تھا۔ وہ محض نانی کی مروت میں میری اپنے گھر آمد کو قبول کر گئے تھے۔

ڈیڈی ہر مہینہ ایک خطیر رقم میرے اکائونٹ میں جمع کروا دیا کرتے تھے اور ممی کسی آتے جاتے بندے کے ہاتھ کپڑے اور کھلونے بھیج کر اپنی محبت کا اظہار کر دیا کرتی تھیں۔ نانی نے وہیں اسکول میں میرا ایڈمیشن کروادیا وہ مجھے بہت چاہتی تھیں۔ میرا بہت خیال رکھتی تھیں انہیں بیٹی کی نالائقی اور لاپروائی پر بھی بہت غصہ تھا۔ وقت گزرتا رہا میں آٹھ سال کی ہوگئی۔ اس دوران ممی ڈیڈی کے ہاں ان کے نہ چاہنے کے باوجود بھی دعا پیدا ہوگئی تھی۔ وہ مجھ سے پانچ سال چھوٹی تھی۔ وہ ہو بہو دادی کی کاپی تھی۔ اسی لےے دادی اسے بہت پیار کرتی تھیں۔ اس کے پیدا ہونے کے کچھ ماہ بعد ہی دادی کا انتقال ہوگیا تھا۔

میری آٹھویں سالگرہ کے ٹھیک ایک ہفتے بعد نانی ایک رات ایسی سوئیں کہ پھر اٹھی ہی نہیں۔ مجھ سے محبت کرنے والی واحد ہستی اس دنیا سے رخصت ہو چکی تھی اور میں اکیلی رہ گئی تھی۔ کوئی پرائی اولاد کو کیوں اپنے پاس رکھتا سو ماموں نے مجھے واپس کراچی بھجوادیا۔ میری واپسی میرے گھر والوں کے لےے صرف اتنی اہمیت رکھتی تھی کہ مجھے ایئرپورٹ پر ریسیو کرنے کے لےے ڈرائیور کو بھیج دیا گیا تھا۔ میری واپسی سے گھر والوں کو کوئی خوشی نہیں ہوئی تھی۔ میں ممی کے گلے لگنا چاہتی تھی ان کی خوشبو محسوس کرنا چاہتی تھی مگر انہوں نے دور سے میرے سلام کا جواب دے کر میری خیریت پوچھی تھی۔ میں جھجک کر رک گئی تھی۔ ڈیڈی اور بہن بھائیوں کا رویہ بھی میرے ساتھ بڑا لیا دیا سا تھا۔ جیسے میں کوئی آئوٹ سائڈر تھی جو اچانک ان کے گھر آکر رہنے لگی تھی۔

پتا نہیں مجھے اپنے ساتھ لے جا کر نانی نے اچھا کیا تھا یا برا اس بات کا فیصلہ میں آج تک نہیں کر سکی۔ اگر وہ مجھے ساتھ نہ لے جاتیں تو ہوسکتا تھا میری بھی اس گھر میں کوئی جگہ نکل آتی۔ وہ سب اتنے سالوں سے ایک ساتھ رہ رہے تھے وہ سب ایک تھے اور میں بالکل الگ۔ میرے ماں باپ اور بہن بھائی کسی کو میری ضرورت نہ تھی۔ دادی کی وفات کے بعد اب گھر میں ممی کا رعب تھا وہ اب کوئی ڈری سہمی سی عورت نہ تھیں ان کا بیٹا ان کی طاقت تھا۔ وہ سعود سے بے تحاشا محبت کرتی تھیں اس کے آگے ڈیڈی اور ہم بہنوں کی کوئی اہمیت نہ تھی۔ اگر سعود ان سے کہتا کہ آپ میری خاطر سمندر میں چھلانگ لگادیں یا آگ میں کود جائیں وہ ایسا کر گزرتیں۔ وہ اس کی محبت میں سب کچھ کر سکتی تھیں اور ڈیڈی اب صرف ایک بزنس مین تھے۔ ہزار کو لاکھ کیسے بنانا ہے اور لاکھ کو کروڑ ان کی سوچ بس یہیں تک محدود تھی۔ انہیں گھر اور بچوں سے کوئی دلچسپی نہ تھی۔ یہاں تک کہ سعود جس کی خاطر وہ ممی کو طلاق دیتے دیتے رہ گئے تھے انہیں اس سے بھی کوئی دلچسپی نہ تھی۔ ہاں البتہ دعا سے وہ باقیوں کی نسبت پیار کیا کرتے تھے۔ شاید اس لےے کہ وہ دادی جیسی تھی۔

میں گھر والوں میں شامل ہونا چاہتی تھی۔ میں اپنے آپ کو اس گھر کا ایک حصہ بنانا چاہتی تھی اس لےے میں نے سب کا بہت خیال رکھنا شروع کر دیا۔ ڈیڈی کافی کے شوقین تھے میں رات کو سونے سے پہلے اپنے ننھے ننھے ہاتھوں سے کافی بنا کر ان کے لےے لے جایا کرتی تو وہ بغیر کچھ کہے کپ میرے ہاتھ سے لے لیتے تھے۔ ہر بار میںسوچتی کہ آج ضرور ڈیڈی مجھے پیار کریں گے اور کہیں گے میری بیٹی کتنی اچھی ہے اپنے ڈیڈی کا کتنا خیال رکھتی ہے مگر میری یہ خواہش کبھی پوری نہ ہوئی۔

ممی کی محبت حاصل کرنے کے لےے میں نے سعود کا بہت زیادہ خیال رکھنا شروع کر دیا۔ مجھے پتا تھا سعود میں ان کی جان ہے اور ان کی جان مجھے بہت پیاری تھی۔ میں اپنی ساری پاکٹ منی اور بہت سی چیزیں اسے دے دیا کرتی۔ اس کے جرنل پر ڈائی گرام بنا دیا کرتی کہ وہ مجھ سے خوش ہوگا تو ممی خود بخود خوش ہوجائیں گی۔ اپنی بہنوں کا ہر کام نوکروں سے بھی پہلے دوڑ دوڑ کر کر دیتی کہ وہ مجھ سے باتیں کریں میں ان میں گھل مل جائوں۔ یہاںمیں تھوڑی کامیاب بھی ہوگئی۔صبا آپی اور حنا بجو مجھ سے کچھ مانوس ہوگئیں اور اکثر مجھ سے باتیں بھی کرنے لگیں۔

دعا البتہ سب سے مختلف مزاج کی لڑکی تھی۔ وہ صرف شکل کی ہی نہیں بلکہ عادتوں میں بھی دادی جیسی تھی۔ انہیں کی طرح ضدی اور سرکش۔ اس کا دل چاہتا یا کوئی مطلب ہوتا تو مجھ سے بات کرتی ورنہ مجھے اگنور کر دیتی۔

ڈیڈی نے صبا آپی اور حنا بجو کی شادیاں بہت کم عمری میں کردیں۔ وہ بلا کے اسٹیٹس کونشس بندے تھے اسی لےے ان کے دونوں داماد ان کی طرح ویل آف فیملیز سے تعلق رکھتے تھے۔ ان دونوں کی شادی کے بعد میں کچھ اور اکیلی ہوگئی لیکن میں نے گھر والوں کا خیال رکھنے والا اپنا رویہ ترک نہیں کیا۔ میں ابھی مایوس نہیں ہوئی تھی۔مجھے اس گھر میںاپنی جگہ بنانی تھی۔ میںاپنی محبت اور خدمت سے سب کے دل جیت لینا چاہتی تھی۔ میری اطاعت گزاری پر دعا میرا مذاق اڑاتی تھی کہ مجھے کسی مڈل کلاس گھرانے میں پیدا ہونا چاہےے تھا۔ یہ خدمت اور وفا شعاری وغیرہ جیسی لغویات وہاں بہت کار آمد ثابت ہوتی ہیں۔

دن گزرتے رہے میں انٹر کر کے آرٹس اسکول میں آگئی۔ انہیں دنوں سعود کو ہماری چھوٹی خالہ کی ماریہ سے طوفانی قسم کا عشق لاحق ہوگیا۔ ممی تو بیٹے کی خواہش پر دل و جان سے راضی تھیں لیکن ڈیڈی کو خالہ کا مڈل کلاس گھرانہ اپنے اکلوتے بیٹے کے شایان شان نظر نہ آرہا تھا۔ لیکن اب ممی کوئی پہلے کی طرح ڈیڈی سے ڈر جانے والی عورت نہ رہی تھیں سو ڈیڈی کے آگے بیٹے کا مقدمہ لڑنے کھڑی ہوگئیں۔ آخر کار ڈیڈی کو ہتھیار ڈالنے پڑ گئے اور اپنے اکلوتے بیٹے کا رشتہ لے کر ایک دس ہزار ماہوار کمانے والے ٹٹ پونجےے کے گھر پہنچ گئے۔ ماریہ اور خالہ اس رشتے پربہت خوش تھیں۔ سب ہی کو پتا تھا انہوں نے ہاں کرنی ہے۔ بیٹی کے اس زور دار عشق میں وہ برابر کی شریک تھیں۔ انہیں اپنی بیٹی کے لےے ایسا ہی صاحب جائیداد اور اکلوتا و خوبرو داماد درکار تھا۔ سو انکار کی کوئی گنجائش ہی نہ تھی۔ لیکن ان کے جواب نے سب کو حیران کر دیا تھا وہ ماریہ کا رشتہ صرف اس قیمت پر دینے کو تیار تھیں کہ میرا رشتہ ان کے بیٹے خالد کے ساتھ طے کر دیا جاتا۔ سعود کے لےے ممی اس مقولے پر یقین رکھتی تھیں کہ ’’جنگ اور محبت میں سب کچھ جائز ہے۔‘‘ سو انہیں اس سودے بازی میں کوئی برائی نظر نہ آرہی تھی۔

خالد مکینیکل انجینئرنگ کر کے نوکری کی تلاش میں مصروف تھا۔ ایسا داماد ڈیڈی کے لےے کیسے قابل قبول ہوسکتا تھا۔ گھر میںپھر ایک نئی جنگ چھڑ گئی تھی۔ ممی کو خالد میں ہر خوبی اور ڈیڈی کو ہر خامی نظر آرہی تھی۔ رہ گئی میں تو مجھ سے اس سلسلے میں کچھ بھی پوچھنے کی زحمت گوارا نہیں کی گئی تھی۔ سعود نے ڈیڈی کے انکار پر مشتعل ہو کر گھر چھوڑ دینے کی دھمکی دی تو ممی روتی ہوئی میرے پاس آگئیں اور کہنے لگیں کہ میں ڈیڈی کے سامنے اس رشتے میں اپنی پسندیدگی کا اظہار کر وں اور انہیں مجبور کروں کہ وہ ہاں کر دیں۔

مجھے خالد سے کوئی دلچسپی نہ تھی میری تو اس سے بطور کزن بھی بات چیت نہ تھی لیکن ممی کے دل میں اپنی محبت پیدا کرنے کا یہ موقع میں گنوانا نہیں چاہتی تھی۔ اسی لےے ان کی بات مان کر ڈیڈی کے پاس چلی آئی۔ وہ میری اس بات پر بہت ناراض ہوئے۔ مجھے کلاس ڈفرنس کے عیوب گنوانے لگے۔ مجھے سمجھانے لگے کہ رشتے ناتوں میں کی جانے والی بلیک میلنگ انہیں بالکل پسند نہیں۔ وہ خالد کے متبادل کے طور پر بے شمار لوگوں کے نام میرے سامنے گنوانے لگے جن سے وہ میری شادی کر سکتے تھے اور جو میرے ہم پلہ بھی تھے۔ لیکن میں ان کے سامنے جم کر کھڑی ہوگئی اور جب تک ان سے اپنی بات منوا نہ لی وہاں سے ہٹی نہیں۔

خالہ اس رشتے کے طے ہوجانے پر بہت خوش تھیں۔ سعود کا ماریہ کے ساتھ اور میرا خالد کے ساتھ نکاح کر دیا گیا۔ ماریہ کو تو بیاہ کر ہمارے گھر آنا تھا۔ لیکن ڈیڈی کبھی بھی اپنی بیٹی کو ایک سو بیس گز کے ایک معمولی سے گھر میں رخصت نہیں کر سکتے تھے۔ اس وقت میں اسے ان کی اپنے آپ سے محبت جان کر خوش ہوتی رہی تھی آج سوچتی ہوں تو خیال آتا ہے وہ ان کی مجھ سے نہیں اپنے آپ سے محبت تھی۔ سکندر شہریار خان کی بیٹی کسی معمولی گھر میں بیاہ کر جائے ان کی ناک نیچی نہ ہوجاتی۔ انہوں نے خالد کا اسٹیٹس ہمارے برابر لانے کے لےے فوری طور پر اس کے لےے امریکہ میں اچھی جاب اور رہائش کا بندوبست کیا اور وہاں ایک بہت ہی اچھی فرم میں اس کی نوکری کا انتظام ہوگیا تھا۔ جتنے ڈالرز کی جاب اسے ڈیڈی کے توسط سے ملی تھی وہ تو اس نے کبھی خواب میں بھی نہ دیکھے تھے۔ وہ امریکہ چلا گیا اور خالہ کے گھر کے حالات بتدریج بدلنے لگے۔

ہمارے درمیان نکاح جیسا مضبوط بندھن قائم ہوجانے کے باوجود اس نے کبھی مجھ سے ملنے یا بات کرنے کی کوشش نہ کی۔ میں اس کے سرد و سپاٹ انداز پر حیران ہوا کرتی تھی۔ میرے سامنے ماریہ اور سعود صبح شام ایک دوسرے سے ملتے، فون پر لمبی لمبی باتیں ہوتیں اور وہ جس کے ساتھ مجھے زندگی گزارنی تھی میرے وجود سے لا تعلق تھا۔ اس کے اسی روےے کی بدولت میرے دل میں بھی اس کے لےے کچھ خاص قسم کی فیلنگس پیدا نہ ہوسکیں۔ میں ان دنوں اپنے مستقبل سے ڈرنے لگی تھی۔

مجھے لگتا تھا میری زندگی بھی ممی ڈیڈی کی طرح ایک دوسرے کو نیچا دکھانے اور ذلیل کرنے میں گزر جائے گی۔ میں محبتوں کی متلاشی تھی۔ میں بس یہ چاہتی تھی کہ وہ جس کے ساتھ مجھے اپنی زندگی گزارنی ہے چاہے وہ کوئی بھی ہو لیکن مجھ سے بے حد محبت کرتا ہو۔ میرا وجود اس کے لےے خوشی کا باعث ہو۔ وہ بن کہے میرے دل کی ہر بات سمجھ جائے۔ وہ امیر ہو یا غریب لیکن میری عزت کرے مجھے سچا پیار دے اور خالد میں مجھے ایسی کوئی خوبی نظر نہیں آرہی تھی۔

’’میرا B.F.A کمپلیٹ ہوا تو میں نے وقت گزاری کے لےے آرٹ اسکول جوائن کر لیا۔ ان ہی دنوں سعود کے اصرار پر ماریہ رخصت ہو کر ہمارے گھر آگئی۔ ورنہ ڈیڈی تو ہم دونوں کی ایک ساتھ شادی کرنا چاہتے تھے۔ خالد اتنی جلدی شادی کے لےے آمادہ نہ تھا سو ڈیڈی نے چپ سادھ لی۔ ماریہ ایک بہت ہی سطحی ذہن کی لڑکی تھی۔ اسے تو شاید سعود سے سچی محبت بھی نہیں تھی۔ اس کا خواب تو ایک امیر گھرانے کی بہو بننا تھا۔ دونوں ہاتھوں سے دولت لٹانا اور سیر و تفریح کرنا اس کا پسندیدہ مشغلہ تھا۔ اس کی تمام حرکات کسی نو دولتّےے جیسی تھیں۔

دعا سے اس کی بالکل بھی نہیں بنتی تھی۔ لیکن وہ ڈیڈی کی چہیتی کو کچھ کہہ بھی نہیں سکتی تھی۔ دعا اس کے نو دولتی پن کا دل کھول کر مذاق اڑاتی۔ کھانے کی میز پر بیٹھ کر ندیدوں کی طرح پلیٹ لبا لب بھر لینے پر دعا اس کو تمسخرانہ نظروں سے دیکھتی۔ میری البتہ اس سے نہ تو کوئی دوستی تھی نہ دشمنی۔

دن گزرتے رہے ڈیڈی کو میری رخصتی کی فکر کچھ زیادہ ہی ستانے لگی تھی۔ ممی البتہ پرسکون تھیں۔ انہیں دنوں میں زندگی آندھیوں کی زد میں آگئی۔ میں نے کبھی کسی کے ساتھ برا نہیں کیا تھا کسی کا دل نہیں دکھایا تھا لیکن خود میرے ساتھ اس سب کے صلے میں کیا ہوا؟ میں ساری زندگی اپنوں کی محبت کی طلب میں بھاگتی رہی۔ لوگوں کے دل جیتنے کے لےے خدمت اور فرماں برداری کے ہتھیار استعمال کرتی رہی اور ایک روز مجھے پتا چلا کہ میں سراب کے پیچھے بھاگ رہی تھی۔ میں خالی ہاتھ کھڑی سوچ رہی تھی کہ میرے ساتھ یہ سب کیوں ہوا۔ میں ان چاہی تھی اور اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود بھی ان چاہی ہی رہی۔

خالد دو مہینوں کی چھٹی لے کر پاکستان آیا تھا اور جو خبر کسی بم کی طرح میرے اعصاب کو توڑ پھوڑ گئی تھی وہ یہ تھی کہ وہ اپنی چچا زاد نزہت سے شادی کر رہا تھا۔ خالہ نے ڈیڈی کے احتجاج پر خود کو لا تعلق ظاہر کر کے اسے بیٹے کی ضد اور بغاوت قرار دیا تھا۔ ڈیڈی کا غصہ آسمان سے باتیں کر رہا تھا۔ انہوں نے خالد کو اس کی اوقات یاد دلانے کی کوشش کی اور بتایا کہ وہ ہے کیا دو ٹکے کا انسان جسے انہوں نے ترس کھا کر اپنے برابر جگہ دی تھی تو اس نے جواباً بڑے آرام اور سکون سے مجھے طلاق دے دی۔

کوئی قصور نہ ہوتے ہوئے بھی میں مصلوب کی جارہی تھی۔ میں نے جو قدم ممی کو خوش کرنے کے لےے اٹھایا تھا وہ میری بربادی پہ ختم ہوا تھا۔ خالہ کے گھر خالد کی شادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری تھیں کل تک جو وہ بیٹے کی ضد اور بغاوت سے ناراض نظر آرہی تھیں آج بڑے آرام سے اپنی بہو کے استقبال کی تیاریوں میں مصروف تھیں۔ خالہ کے گھر کے کسی بھی فرد کی ہمارے گھر آمد پر مکمل پابندی عائد ہوچکی تھی۔ ڈیڈی ان میں سے کسی کی شکل دیکھنا بھی گوارا نہیں کرتے تھے۔ ان کے بقول ممی کا مڈل کلاس گھرانہ اس قابل ہی نہ تھا کہ ان سے کوئی تعلق رکھا جائے۔ ڈیڈی کے منہ سے کلاس کا طعنہ ماریہ کو بہت برا لگا تھا۔ اس نے مجھ سے خوامخواہ کا بیر باندھ لیا تھا۔ اصولاً تو مجھے اس سے برا سلوک کرنا چاہےے تھا کہ اس کا بھائی میری بربادی کا ذمہ دار تھا مگر ہمارے گھر الٹی گنگا بہہ رہی تھی۔

سعود کو بھی مجھ میں سو طرح کے عیب نظر آنے شروع ہوگئے تھے۔ ڈیڈی نے ماریہ کے علاوہ کسی کو بھی شادی میں شرکت کی اجازت نہ دی تھی۔ اس رات میں ممی کے لےے چائے لے کر ان کے کمرے کی طرف آئی تو اندر سے آتی سعود کی آواز نے میرے قدموں کو جکڑ لیا۔ وہ ممی سے ڈیڈی کے روےے پر احتجاج کر رہا تھا۔ براہ راست ڈیڈی سے ٹکر تو وہ لے نہیں سکتا تھا آخر یہ گھر اور تمام کاروبار ڈیڈی کی ملکیت تھا اور سعود ہر گز بھی اتنا بے وقوف نہ تھا۔ کاش اس روز میں نے ممی اور سعود کی باتیں نہ سنی ہوتیں، کم از کم خود اپنی نظروں میں کچھ تو معتبر رہ جاتی ان کی باتوں سے مجھے پتا چلا کہ خالد ایک عرصے سے نزہت کو پسند کرتا تھا۔ خود نزہت بھی اس میں انٹرسٹڈ تھی۔ لیکن اسے اپنے ہی جیسے ایک مڈل کلاس گھرانے میں شادی کرنا منظور نہ تھا۔ اسے دولت، رتبہ، عالیشان مکان اور قیمتی گاڑی چاہےے تھی اور وہ سب کچھ خالد کی چھوٹی موٹی نوکری میں ہونا ممکن نہ تھا۔ ہمارے ہاں سے ماریہ کے لےے رشتہ گیا تو خالد کو اپنے مسئلہ کا حل میری صورت میں نظر آگیا۔

وہ جانتا تھا کہ سعود ماریہ کے عشق میں بری طرح گرفتار ہے اور اس سے بھی کڑی شرائط اگررکھی جائیں وہ تب بھی ماریہ ہی سے شادی کرے گا۔ اس نے خالہ کو اس بات کے لےے آمادہ کیا تو وہ بھی بیٹے کی ہمنوا بن گئیں۔ مجھے خالہ، خالد یا نزہت کسی سے کوئی شکایت نہیں۔ دکھ تو مجھے اپنوں کی بے اعتنائی کا تھا۔ سعود اور ممی دونوں خالد کی نزہت سے محبت کے بارے میں آگاہ تھے۔ وہ یہ بھی جانتے تھے کہ مجھے استعمال کیا جارہا ہے مجھے سونے کی چڑیا سمجھا جارہا ہے لیکن سعود کے سر پر ماریہ کا عشق سر چڑھ کر بول رہا تھا اور ممی سعود کی محبت میں اپنی بیٹی کی بازی لگانے کو بھی تیار تھیں۔ خالہ اور خالد انہیں لا علم سمجھتے تھے لیکن یہ ان کی غلط فہمی تھی۔ ممی کا خیال تھا کہ میرے جیسی امیر باپ کی بیٹی سے شادی ہوگی تو خالد خود بخود نزہت کو بھول جائے گا اور سعود کو مجھ سے صرف اتنی دلچسپی تھی کہ میرے ذریعے وہ اپنا مقصد حاصل کر سکے۔ میری سگی ماں جس نے مجھے اپنی کوکھ سے جنم دیا تھا اتنے آرام سے میرے ارمانوں کا خون کر گئی۔ ان کے لےے واقعی محبت اور جنگ میں سب جائز تھا کیا فرق پڑ گیا اگر اس جنگ میں انہوں نے اپنی بیٹی کو ہار دیا۔

سعود اور ممی دونوں ہی کا خیال تھا کہ ڈیڈی بلا وجہ کے لےے اس بات کو ایشو بنا رہے ہیں۔ میرے لےے رشتوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ میں کوئی مڈل کلاس کی لڑکی نہیں ہوں۔ منگنی ٹوٹ جانے پر یا طلاق ہوجانے پر جس کے لےے زندگی کے دروازے بند ہوجاتے ہیں۔ کل تک جو خود اپنے آپ کو طلاق سے بچانے کے لےے ہر قیمت پر ایک بیٹا چاہتی تھیں آج اپنی بیٹی کی طلاق پر ایک آنسو بہائے بغیر بڑے آرام سے بیٹھی ڈیڈی پر تنقید کر رہی تھیں۔ ان کا خیال تھا کہ خالد کی غلطی کی سزا ان کی پوری فیملی کو دینا نا انصافی ہے اور پھر اس سے ماریہ کی بھی انسلٹ ہورہی تھی۔

اس روز میں اپنے کمرے میں آکر پھوٹ پھوٹ کر روئی تھی۔ خالہ، خالد، نزہت، ماریہ، سعود اور ممی سب نے اپنے اپنے مفادات کے لےے مجھے استعمال کیا تھا۔ میں انہیں ان کے مقصد تک پہنچانے کا زینہ تھی۔ میں ایک استعمال ہونے والی شے تھی جس کے نہ کوئی جذبات ہوتے ہیں نہ احساسات۔ میں ان سب کے لےے ایک Cat’s paw تھی۔ میری اچھائی میری نیکی اور خدمت کچھ بھی میرے کام نہ  آئی تھی۔ مجھ سے اپنا مطلب نکال کر مجھے کسی فالتو چیز کی طرح ڈال دیا گیا تھا۔ ماریہ کا رویہ بالخصوص میرے ساتھ نہایت ہتک آمیز تھا اسے شاید یہ دھڑکا تھا کہ کہیں کسی روز میرے بھائی کی غیرت یا میری ماں کی ممتا نہ جاگ جائے اور اسے اس گھر سے نکال دیا جائے اس لےے وہ میری دشمن ہوگئی تھی۔ میرے لےے دنیا ختم ہوگئی تھی۔

وہ گھر جس میں میں رہتی تھی میرے لےے ایک جہنم کدہ بن گیا تھا۔ میں آہستہ آہستہ سب سے کٹتی چلی گئی۔ کسی نے میری تبدیلی کی وجہ جاننے کی کوشش نہ کی سب اپنے حال میں مگن خوش تھے۔ انہیں دنوں مجھے پارک میں آپ ملے۔ مجھے نہیں پتا کہ میری کس بات سے متاثر ہو کر آپ میری طرف بڑھے تھے میں جس سے اس کے خونی رشتے کوئی لگائو نہ رکھتے تھے اس سے ایک بالکل غیر آدمی بے حد پیار کر رہا تھا۔ پتا نہیں آپ کی چاہت میں کیا جادو تھا کہ میں آپ کی اسیر ہوتی چلی گئی۔ اپنوں کے دئےے غم بھی مجھے بھولنے لگے۔ میں نے سوچا کہ ہاں کم سے کم آپ تو مجھ سے سچی محبت کرتے ہیں۔ بالکل بے غرض اور کھری۔ میں آپ کی سنگت میں خوش رہتی تھی۔ آہستہ آہستہ مجھ میں تبدیلی آرہی تھی۔ میں خوش رہنے لگی تھی۔

تین روز پہلے ماریہ نے اپنے پہلے بچے کو جنم دیا۔ اس کا بیٹا جو بہت صحت مند تندرست پیدا ہوا مگر پیدائش کے دو گھنٹے بعد ہی مر گیا۔ کل وہ ہاسپٹل سے ڈسچارج ہو کر گھر آئی تو آتے ہی میرے کمرے میں آکر چلانے لگی کہ میں اس کے بچے کو کھا گئی ہوں۔ میں اس کے بچے کی پھوپھی نہیں ایک ڈائن ہوں جس نے اپنے بھتیجے کو کھالیا۔ میں اس کی خوشیوں سے جلتی ہوں۔ اسے بد دعائیں دیتی ہوں۔ میں کسی آسیب کی طرح اس کی جان کوچمٹ گئی ہوں۔ میری وجہ سے اسے اس گھر میں اس کا جائز مقام نہیں مل رہا اور پتا نہیں میری جیسی منحوس بلا سے اس کا پیچھا کب چھٹے گا۔

وہ مجھے اپنے بچے کا قاتل قرار دے رہی تھی اور میرا بھائی میرا ماں جایا خاموش کھڑا سب کچھ دیکھ رہا تھا۔ دعا اپنے کمرے میں بند میوزک سن رہی تھی اور ممی ڈیڈی کسی ڈنر میں گئے ہوئے تھے۔ وہ ہوتے بھی تو کیا ہوجاتا۔ میں تو پیدا ہی لوگوں کی نفرتیں سہنے کے لےے کی گئی تھی۔ میں ماریہ کا منہ توڑ دینا چاہتی تھی۔ اس دو ٹکے کی لڑکی کو اس کی حیثیت یاد دلانا چاہتی تھی لیکن خاموش کھڑی اس کی ساری بکواس سنتی رہی تھی میرے منہ سے ایک بھی لفظ نہیں نکل سکا تھا۔ پھر جب وہ خاموش ہوئی تو میں گاڑی کی چابی اٹھا کر گھر سے نکل آئی اور پتا نہیں کیسے آپ کے پاس پہنچ گئی۔‘‘

وہ ان کے کندھے پر سر ٹکائے آنسو بہاتے ہوئے اپنا دل ان کے سامنے کھول رہی تھی۔ وہ سارا وقت بغیر اسے ٹوکے اس کے بالوں میں انگلیاں پھیرتے ہوئے اس کی ساری بات سنتے رہے تھے۔ صبح انہوں نے ڈرائیور کو بھیج کر اسے بلالیا تھا اور وہ بنا چوں چرا کےے چلی آئی تھی۔ وہی کل کے سلوٹ زدہ کپڑں اور بکھرے بالوں میں وہ ان کے بیڈ روم میں بیٹھی انہیں اپنے بارے میں سب کچھ بتا رہی تھی۔ اویس آفس جا چکا تھا۔ کافی دیر بعد جب اس کے آنسو تھم گئے اور دل قدرے ٹھہر گیا تو اس نے انکل کی آواز سنی وہ کہہ رہے تھے۔

’’تمہارا مسئلہ صرف اور صرف یہ ہے کہ تم بہت حساس ہو۔ ہر بات کو بڑی شدت سے محسوس کرتی ہو۔ تم لوگوں کے رویوں پر کڑھتی ہو۔ اگر تم غور کرو تو تمہارے ڈیڈی صرف تمہارے ہی ساتھ نہیں بلکہ اپنے کسی بھی بچے سے ویسی محبت نہیں کرتے جیسی ایک باپ کو کرنی چاہےے۔ تمہاری ممی صرف تمہیں ہی نہیں تمہاری کسی بھی بہن سے کوئی لگائو نہیں رکھتیں۔ تمہاری جگہ تمہاری کوئی اور بہن بھی ہوتی وہ اسے بھی سعود کی خاطر یونہی استعمال کرتیں جیسے تمہیں کیا اور تم کیا سمجھتی ہو وہ سعود کو چاہتی ہیں۔ نہیں وہ اس سے محبت نہیں کرتیں۔ وہ دراصل ایک نفسیاتی مریضہ ہیں۔ تمہارے گھر کے کسی بھی فرد کا رویہ نارمل نہیں۔ تمہارا سارا گھرانہ ایک قسم کے mental Disosdar کا شکار ہے۔ تمہارے ساتھ جس کسی نے جو بھی کیا سب بھول جائو۔ ایک بار میرے کہنے پر سب کو معاف کردو۔ اپنے دل کی سچائیوں سے سب کو معاف کردو۔ تم لوگوں کے رویوں پر کڑھنا چھوڑ دو۔ میری بات کا یقین کرو کہ تم اپنے حصے کے تمام دکھ سہہ چکی ہو اور اب زندگی تم پر مہربان ہونے والی ہے۔ خدا اپنے بندوں پر کبھی بھی ان کی برداشت سے زیادہ آزمائش نہیں ڈالتا۔

تم خود دیکھ لینا زندگی اگلے موڑ پر تمہارے لےے کتنی ساری خوشیاں لےے کھڑی ہے۔تم دونوں ہاتھوں سے خوشیاں، راحتیں اور محبتیں سمیٹو گی۔‘‘ وہ اس کا چہرہ اپنے ہاتھوں میں تھام کر بولے تو وہ ان کو بے یقینی سے دیکھ کر رہ گئی۔

’’تمہیں مجھ پر اعتبار ہے نا۔‘‘ ان کی بات پر اس نے گردن ہلادی۔

’’توپھر میری بات پر آنکھیں بند کر کے یقین کرلو۔ تمہیں زندگی میں وہ سب کچھ ملے گا جو تم چاہتی تھیں۔ اس بات کا یقین میں دلا رہا ہوں تمہیں۔‘‘ اور ان کی اس بات پر اس نے واقعی آنکھیں بند کر کے یقین کر لیا تھا۔ ان کے آگے اپنا دل کیا کھولا تھا اس کا تمام بوجھ ہی ہلکا ہوگیا تھا۔ وہ خود کو بہت ہلکا بہت مطمئن محسوس کرنے لگی تھی۔

اب وہ پارک میں اِدھر اُدھر کی باتیںکرنے کے بجائے اس سے اس کی اپنی باتیں کیا کرتے۔ وہ اپنے بچپن کی بے شمار چھوٹی چھوٹی باتیں انہیں بتاتی۔ اب اس کے دل پر کوئی بوجھ نہ تھا۔ انہوں نے اس کا بوجھ بانٹ لیا تھا۔ اس نے اپنے سے متعلقہ تمام افراد کو کھلے دل سے معاف کر دیا تھا۔ وہ اس کا ہاتھ تھامے جو کہتے وہ کےے جاتی۔ لیکن ان تمام باتوں کے باوجود وہ خود میں ان کے گھر جانے کی ہمت نہیں پاتی تھی۔ اسے اویس کا سامنا کرنے سے شرمندگی کا احساس ہوتا تھا۔ اپنی اس روز کی بے اختیارانہ کیفیت اور دیوانگی اسے اس کے سامنے شرمندہ کرتی تھی۔ انکل کی بات دوسری تھی ان کے سامنے تو وہ کھلی کتاب تھی جو کچھ اس کے دل میں ہوتا وہ فوراً ان سے کہہ دیا کرتی تھی۔ اسی لےے انکل کے کئی دفعہ بلانے پر بھی وہ ان کے گھر نہ گئی تھی۔ اس روز سنڈے تھا جب انکل نے اسے فون کر کے اپنے ساتھ لنچ کرنے کی دعوت دی تھی اور ان کے بے حد اصرار پر بھی وہ آنے کے لےے تیار نہ ہوئی تھی۔ وہ اب کبھی بھی اس کا سامنا نہیں کرنا چاہتی تھی۔ اس کے انکار پر انکل نے مایوس ہو کر فون رکھ دیا تھا۔

٭٭٭

گیٹ سے اندر داخل ہوتے وقت وہ یہی دعا کر رہی تھی کہ اس سے سامنا نہ  ہو اور وہ سامنے ہی لان میں بیٹھا نظر آگیا تھا۔ اپنے حساب سے وہ اس وقت آئی تھی جب جم خانہ جایا کرتا تھا مگر وہ لان چیئر پر براجمان ایک ہاتھ میں سگریٹ اور دوسرے میں چائے کا کپ پکڑے گیٹ ہی کی طرف دیکھ رہا تھا۔ انکل آج پارک نہیں آئے تھے اور وہ کھڑے کھڑے ان کی خیریت دریافت کرنے چلی آئی تھی۔ اب جبکہ اس نے اسے دیکھ بھی لیا تھا تو سیدھے سیدھے اندر چلے جانا بڑی بد اخلاقی کی بات تھی۔ وہ خود میں اس کو فیس کرنے کی جرات پیدا کرتی لان کی طرف چلی آئی۔ اسے اپنی طرف آتا دیکھ کر وہ خیر مقدمی انداز میں مسکرایا تھا۔

’’کہاں غائب ہو آج کل؟‘‘ اس کے قریب آنے پر وہ مسکرا کر بولا۔ اسے تذبذب میں مبتلا دیکھ کر کرسی کی طرف اشارہ کرتا ہوا بولا۔

’’بیٹھو۔‘‘

’’انکل کہاں ہیں؟‘‘ وہ بیٹھنے کی آفر نظر انداز کر کے قصداً اس کی طرف دیکھے بغیر بولی۔

’’اس گھر میں انکل کے علاوہ میں غریب مسکین سا بندہ بھی رہتا ہوں۔ کم سے کم میری خیریت ہی پوچھ لو۔‘‘ وہ ناراضی سے بولا۔ وہ مجبوراً کرسی پر ٹک گئی۔ سگریٹ کے کش لیتا وہ دھواں اڑاتا بڑے غور سے اسے دیکھ رہا تھا۔

’’اپنے حساب سے تو میں نے آج تک ایسی کوئی بات تم سے نہیں کی جس پر تم مجھ سے ناراض ہوجائو۔‘‘ وہ حیران ہو کر اس کی طرف دیکھنے لگی تو وہ اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہنے لگا۔

’’پھر بھی اگر تمہارے خیال سے میں نے کچھ غلط کیا ہے تو مجھے بتائو۔ اگر مجھے اپنی کوتاہی محسوس ہوئی تو میں تم سے ایکسکیوز کرلوں گا۔‘‘

’’میں آپ سے ناراض نہیں ہوں۔‘‘ وہ سر جھکا کر دھیرے سے بولی۔

’’پھر تم مجھے نظر انداز کیوں کر رہی ہو؟‘‘ وہ اس کی طرف دیکھتا ہوا بولا۔

’’ایسی کوئی بات نہیں ہے آپ کو غلط فہمی ہوئی ہے۔‘‘ وہ اس کی آنکھوں میں دیکھنے سے ڈر رہی تھی۔ اسی لےے سر جھکا کر بولی۔

’’میں پاگل نہیں ہوں جو یہ بات محسوس نہ کر سکوں کہ تم میری وجہ سے یہاں آنے سے کتراتی ہو۔ اس وقت بھی تم اس خیال سے آگئی تھیں کہ میں گھر پر نہیں ہوں گا۔‘‘ وہ اس کی بات پر دھک سے رہ گئی۔ اسے اس کے دل کے حال کی خبر کیسے ہوگئی۔ وہ بری طرح پریشان ہوگئی تھی۔ اس بے تحاشا ذہین بندے کے سامنے جھوٹ نہیں بولا جاسکتا یہ بات اس کی سمجھ میں آچکی تھی۔ اس کی سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ کیا کہے۔ اچانک ہی خود بخود اس کے ہونٹوں سے یہ جملہ پھسل گیا۔

’’مجھے آپ کے سامنے آنے سے شرمندگی ہوتی ہے۔ میرے اس دن کے ابنارمل بی ہیو ر پر آپ نے میرے بارے میں کیا سوچا ہوگا۔‘‘ وہ جو بڑی سنجیدگی سے اس کی طرف نظریں جمائے بیٹھا تھا اچانک ہی قہقہہ لگا کر ہنس پڑا تھا۔ اس نے بڑی حیرت سے اسے قہقہہ لگاتے دیکھا تھا۔ وہ لوگوں سے فاصلہ رکھ کر ملنے والا جو اپنے اور مقابل کے بیچ ایک لکیر کھینچ کر رکھتا تھا اس وقت بڑی بے فکری سے ہنس رہا تھا۔

’’تمہیں یہ خوش فہمی کیوں ہے کہ میں ہر وقت تمہارے ہی بارے میں سوچتا رہتا ہوں۔‘‘ اس نے جیسے اس کی بات کو بہت انجوائے کیا تھا۔ وہ اپنے بے اختیاری میں منہ سے نکل جانے والے جملے پر شرمندگی سے سر جھکا کر رہ گئی تھی۔ وہ مسکراتی نظروں سے اسی کی طرف دیکھ رہا تھا۔

اچانک ہی اسے شدید قسم کا غصہ آنا شروع ہوگیا۔ اسے کس نے حق دیا ہے کہ وہ اس کا مذاق اڑائے وہ کرسی پر سے اٹھ گئی اور آگے بڑھنے ہی لگی تھی کہ اس نے اپنا پیر درمیان میں حائل کر کے گویا اسے جانے سے روکا۔

’’میں نے ابھی تمہیں جانے کے لےے نہیں کہا۔‘‘ وہ تنبیہی انداز میں بولا۔

’’مجھے کہیں جانے کے لےے آپ کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ وہ خفا خفا سی اس پر نظر ڈالے بغیر بولی۔

’’تم شرافت سے بیٹھ رہی ہو یا ہاتھ پکڑ کر بٹھائوں۔‘‘ وہ غرایا۔

’’مجھے آپ سے کوئی بات نہیں کرنی میں انکل سے ملنے آئی ہوں۔‘‘ اس نے ہاتھ پکڑ کر اسے کرسی پر دھکیلا اور بولا۔

’’اپنے سے پچاس سال بڑے انکل تمہیں دوستی کرنے کے لےے بڑے موزوں لگتے ہیں اور صرف پانچ چھ سال بڑے بندے سے تم بات کرنا بھی گوارا نہیں کررہیں۔ ایسی ان میں کیا بات ہے جو مجھ میں نہیں۔ کیا ہم اچھے دوست نہیں بن سکتے؟‘‘ اس بات پر اجالا نے چونک کر اس کی طرف دیکھا تھا اس کا بے تکلف انداز اجالا کو حیران کر رہا تھا۔ وہ مسکراتا ہوا اس کی طرف دیکھ رہا تھا پھر وہ قدرے سنجیدگی اختیار کرتے ہوئے اس سے بولا۔

’’مجھے نہیں معلوم تھا تم اس وجہ سے مجھ سے کترا رہی ہو۔ ایک دم بے وقوف ہو تم۔ انسان اپنی تکلیف میں، پریشانی یا غم میں اسی کے پاس جاتا ہے جس پر اسے بھروسہ ہوتاہے جس کو وہ اپنا سمجھتا ہے اگر تم ہمیں اپنا سمجھ کر ہمارے پاس آئی تھیں تو میں کیوں تمہارے بارے میں کوئی فضول بات سوچوں گا۔ ایسا ہر احمقانہ خیال اپنے دل سے نکال دو اور ایک دوست کی حیثیت سے میں تمہیں مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ برداشت، تحمل، رواداری اور اخلاق وغیرہ اچھی چیزیں ہیں لیکن بعض لوگوں پر ان کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔ ایسے لوگوں پر ان جذبوں کو لٹانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ جو چپ چاپ ظلم سہتا رہے وہ خود سب سے بڑا ظالم ہوتا ہے۔ اپنے اندر ہمت پیدا کرو۔ کوئی تمہیں تکلیف دے یا سنائے تو تم اس کا منہ توڑ دو۔

مجھ سے دوستی کر کے دیکھو میں تمہیں بالکل اپنے جیسا بنادوں گا۔ کوئی میرے ساتھ زیادتی کرنے کی جرات تو کیا ایسا کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا کیونکہ ایسا کرنے والے کو اپنا انجام پتا ہوتا ہے۔‘‘

وہ بڑی سنجیدگی اور بردباری سے اس کی آنکھوں میں دیکھتا ہوا بول رہا تھا۔ شاید انکل اسے اس کے بارے میں سب کچھ بتا چکے تھے۔ اس کے بات کرنے کا انداز اتنا اچھا تھا کہ وہ اپنا آپ اس کے سامنے ظاہر ہونے پر کوئی پریشانی محسوس کےے بغیر بولی۔

’’لیکن انکل تو کہتے ہیں سب کومعاف کردو۔‘‘

’’ہر جگہ معافی تلافی سے کام نہیں چلتا۔ ٹھیک ہے ابھی تم نے معاف کر دیا لیکن پھر سے کوئی تمہیں دکھ دے تو زیادہ نیک پروین بننے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اپنا حق چھین لو۔ کسی کو اپنا استحصال نہ کرنے دو۔ خاموشی سے بیٹھ کر آنسو بہانے اور سپر سینسیٹو ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘‘

وہ اسے ایک بہت ہی مختلف سبق پڑھا رہا تھا۔

’’کچھ آیا سمجھ میں یا سر کے اوپر سے گزر گیا۔‘‘ وہ اسے بغور اپنی طرف دیکھتا پا کر مسکراتا ہوا بولا۔ اس نے کوئی جواب دےے بغیر اس پر سے اپنی نظریں ہٹالیں اور سامنے کیاری میں بہار دکھاتے لِلّی اور چائنا روز پر نظریں مرکوز کردیں۔

’’ویسے آپ کے انکل اپنے جگری دوست فاروقی صاحب کے ہاں گئے ہوئے ہیں اور وہاں یقینا شطرنج کی بساط بچھی ہوگی۔ رات سے پہلے ان کی واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔‘‘ وہ اس کے جواب نہ دینے کا برا مانے بغیر انکل کے بارے میں بتانے لگا تو اسے اپنی یہاں موجودگی بڑی فضول لگی۔

’’اچھا پھر میں چلتی ہوں۔‘‘

’’بیٹھی رہو ابھی سکون سے۔ جانے کی جلدی تو ایسے مچاتی ہو جیسے مسئلہ کشمیر و چیچنیا تمہارے ہی ہاتھوں آج ہی حل ہونا ہے۔‘‘ اس نے جھڑکنے والے انداز میں کہا تو وہ پہلو بدل کر رہ گئی۔

’’کل پاپا جانی کا برتھ ڈے ہے اور میں اس میں تمہیں انوائٹ کر رہا ہوں۔‘‘ اس کی بات پر وہ خوش ہو کر بولی تھی۔

’’آپ لوگ کیا کوئی فنکشن وغیرہ کرتے ہیں۔‘‘

’’نہیں خالی میں اور پاپا جانی ہم دونوں ہمیشہ ہی ایک دوسرے کی سالگرہ سیلیبریٹ کرتے ہیں۔ ہم دونوں کے علاوہ اس میں کوئی تیسرا نہیں ہوتا۔ اس مرتبہ میں تمہیں دعوت دے رہا ہوں۔ ویسے سالگرہ میری ہو یا پاپا جانی کی ڈنر ہوتا انہیں کی طرف سے ہے۔ انہیں اپنے سے چھوٹوں سے تحفہ لینا پسند نہیں ہے اس لےے گفٹ لانے کی زحمت مت کرنا۔ میں بھی تمہاری طرح خالی ہاتھ شرکت کروں گا۔ پھر تم آرہی ہو۔‘‘ اس کی بات پر اس نے پرزور انداز میں گردن ہلا کر ہامی بھری تھی۔

’’کیک میں بیک کر کے لائوں گی اس پر تو وہ ناراض نہیں ہوں گے۔‘‘ اس کی بات پر وہ ہنستے ہوئے بولا۔

’’ڈیپینڈ کرتا ہے کہ وہ کیک بنا ہوا کیسا ہے۔ اگر اچھا ہوا تو یقینا ناراض نہیں ہوں گے۔‘‘ اس بات پر اس کے لبوں پر بھی مسکراہٹ بکھر گئی تھی۔

’’اب آپ چاہیں تو جاسکتی ہیں میری بات ختم ہوگئی ہے۔‘‘ وہ فوراً ایسے کھڑی ہوئی جیسے اس سے پہلے کسی نے باندھ کر بٹھایا ہوا تھا اور خدا حافظ کہتی گیٹ کی طرف بڑھ گئی تھی۔ وہ بڑے غور سے اسے جاتا ہوا دیکھ رہا تھا۔

٭٭٭

رات اس نے دو گھنٹے صرف کر کے بڑی محنت اور لگن سے ایک خوب صورت سا برتھ ڈے کارڈ بنایا پھر اگلے روز صبح ہی بڑے اہتمام سے کچن میں گھس گئی۔ ان کا من پسند کیک بیک کیا اسے بڑی خوب صورتی سے سجایا درمیان میں Many Happy returns of the day لکھا۔ اس کام سے فارغ ہو کر اس نے اپنے آج کے پہننے کے لےے کپڑوں کا انتخاب کیا۔ آج ایک طویل عرصے بعد اس کا بہت اچھی طرح سے ڈریس اپ ہونے کا دل چاہ رہا تھا۔ آخر یہ سالگرہ اس ہستی کی تھی جسے وہ بے حد پیار کرتی تھی تو کیوں نہ اہتمام کرتی۔ آف وائٹ کاٹن کی قمیص شلوار جس کی شرٹ پر ہم رنگ کڑھائی اور شیشے کا بڑا نفیس اور نازک سا کام بنا ہوا تھا ساتھ خوب لمبا سا آف وائٹ دوپٹہ پہن کر اس نے سوٹ سے مناسبت رکھتی ہلکی سی جیولری پہنی۔ بہت عرصے بعد میک اپ کیا اور شانوں تک آتے بالوں کو جنہیں وہ زیادہ تر کلپ یا بینڈ میں جکڑ کر رکھتی تھی برش کر کے یونہی کھلا چھوڑ دیا۔

ان کے گھر جانے کے لےے نکلی تو پہلے ایک فلاور شاپ سے پھولوں کا ایک حسین سا گلدستہ خرید اپھر اس کے بعد ان کے گھر چلی آئی۔

انکل لائونج میںبیٹھے کسی سے فون پر بات کر رہے تھے۔ اسے اتنی سج دھج کے ساتھ ایک ہاتھ میں بکے اور دوسرے میں کیک اٹھا کر لاتے دیکھ کر وہ اپنی اگلی بات بھول گئے۔ ایک آدھ سیکنڈ کے سکتے کے بعد انہوں نے جلدی سے فون خدا حافظ کہہ کر بند کیا اور اس کی سمت توجہ کی۔ وہ ان کی حیرت پر مسکراتی ہوئی ان کے قریب چلی آئی اور کیک ٹیبل پر رکھ کر ان کے گلے میں اپنی بانہیں ڈال کر گنگنائی۔

“Happy birthd day to you” وہ اس کا ماتھا چومتے ہوئے ہنس کر بولے۔

’’لیکن خاتون آپ ہیں کون اور اتنی بے تکلفی سے ہمارے گھر میں کہاں پھر رہی ہیں۔‘‘ وہ ان کی شرارت پر ہنس پڑی اور بولی۔

’میں اچھی لگ رہی ہوں نا۔‘‘

’’مجھے تم ہمیشہ ہی اچھی لگتی ہو۔ ہاں البتہ آج پہچانی نہیں جارہیں۔ ویسے تمہیں آج کے دن کا پتا کیسے چلا۔‘‘ وہ اس کے کندھے کے گرد اپنا ہاتھ پھیلاتے ہوئے بولے۔

’’مجھے اویس نے بتایا تھا بلکہ انہوں نے ہی مجھے انوائیٹ کیا تھا۔‘‘ وہ ان کے ہاتھ میں بکے اور کارڈ پکڑاتے ہوئے بولی۔

’’بہت ہی خوب صورت پھول ہیں۔‘‘ انہوں نے پھولوں کی خوشبو محسوس کی پھر اس کے بعد اس کے بنائے ہوئے کارڈ کو خوب غور و فکر سے دیکھ کر اسے آرٹ کا نادر نمونہ قرار دیا اور کارڈ اور کارڈ بنانے والی دونوں کی شان میں زمین آسمان کے قلابے ملائے۔

’’تمہیں بلا کر وہ حضرت خود تو ابھی تک گھر سے غائب ہیں۔‘‘ انکل نے ان کی غیر موجودگی کے بارے میں بتایا۔ اس نے کیک کھول کر نکال کر رکھا۔ پھرکچن سے جا کر پلیٹیں، چمچے اور بٹر نائف لا کر وہیں ٹیبل کے اوپر رکھ دی وہ خاموشی سے بیٹھے اس کی تمام کارروائی دیکھ رہے تھے۔ وہ کیک کے اوپر کینڈلز لگا رہی تھی جب اویس نے لائونج میں قدم رکھا۔ بلیک سوٹ پہنے ایک ہاتھ میں بریف کیس اور دوسرے میں موبائل تھامے وہ پاپا جانی کو سلام کرتے کرتے ٹھٹک کر رک گیا۔ اسے اندر آتا دیکھ کر وہ بھی کینڈل سے توجہ ہٹا کر اسی کی طرف دیکھنے لگی تھی۔ اپنے چہرے پر ایک لمحے کے لےے پھیلنے والے ستائشی تاثرات کو فوراً چھپاتے ہوئے وہ بڑے نارمل طریقے سے پاپا جانی اور اس سے سلام دعا کرتا اپنے کمرے میں چلا گیا۔

دس پندرہ منٹ بعد وہ کپڑے چینج کر کے آگیا تو انکل نے کیک کاٹا۔ اپنے ہاتھ سے پہلے اسے اور پھر اویس کو کیک کھلایا۔

’’چلو اجالا اب تم کیک سرو کرو۔‘‘ انکل نے اسے ہدایت دی تو وہ سلیقے سے پلیٹس میں کیک نکال کر انکل اور اسے پلیٹ دینے کے بعد اپنی پلیٹ لےے انکل کے پاس ہی بیٹھ گئی۔ اویس ٹیبل پر رکھے ہوئے کارڈ کو دیکھ کر کہنے لگا۔

’’یہ تم نے بنایا ہے؟‘‘ اس نے گردن ہلادی۔

’’کتنا خوب صورت کارڈ بنایا ہے اجالا نے دیکھو میں ایسے ہی اس کی تعریف نہیں کرتا۔‘‘ انکل نے اویس کو مخاطب کیا تو وہ مسکرا کر رہ گیا۔ وہ خاموشی سے کیک کھانے میں مصروف تھی۔

’’ابھی اجالا مجھ سے پوچھ رہی تھی کہ یہ کیسی لگ رہی ہے۔‘‘ وہ پھر اویس سے مخاطب ہوئے تھے۔

’’اف یہ انکل کبھی کبھی کتنی بری طرح شرمندہ کروا دیتے ہیں۔ اس کے سامنے یہ بولنے کی کیا ضرورت تھی۔‘‘ وہ سرجھکائے کچھ بوکھلائی ہوئی بیٹھی تھی۔ اویس نے ایک تفصیلی نظر اس کے چہرے پر ڈالی پھر ان سے مخاطب ہوا۔

’’پھر آپ نے کیا جواب دیا؟‘‘ وہ اس طرح پوچھ رہا تھا جیسے یہ کوئی بہت ہی اہم اور سنجیدہ سا مسئلہ ہے جس کا حل کیاجانا بے حد ضروری ہے۔

’’میں نے کیا کہنا تھا ظاہر ہے وہ ہے ہی اچھی بہت اچھی خوب صورت، ذہین، گریس فل اسے مزید کسی تعریف کی کیا ضرورت ہے۔‘‘ وہ سرخ پڑتے چہرے کے ساتھ نظریں نیچی کےے بیٹھی تھی۔ اسی وقت لائونج میں رکھے فون کی بیل بجی۔ اویس نے ریسیور اٹھایا تو انکل کے کسی جاننے والے کی کال تھی۔ وہ اٹھ کر فون پر بات کرنے لگے تو اویس اس سے بولا۔

’’میں بھی سوچ رہا ہوں کہ گندا میلا رہنا شروع کردیتا ہوں۔ پھر جب اچانک کسی دن نہا دھو کر صاف ستھرے حلےے میں نظر آئوں گا تو میرے اوپر بھی تعریفوں کے پھول نچھاور کےے جائیں گے۔‘‘ اس نے سر اٹھا کر اس کی طرف دیکھا تو وہ مسکراتا ہوا اسے ہی دیکھ رہا تھا۔

’’ویسے یہ کس بے چارے بیکر کی کاوشوں کو اپنے نام سے پیش کیا جارہا ہے۔‘‘ اس کی بات پر وہ بری طرح چڑ گئی۔

’’کیا مطلب ہے آپ کا؟ میں کیا یہ کیک کسی بیکری سے لائی ہوں۔‘‘

’’میں نے یہ کب کہا۔‘‘ وہ معصومیت سے بولا۔ اس کی ناراضگی سے بھرپور شکل دیکھ کر وہ کھلکھلا کر ہنس پڑا۔

’’کیا میری سالگرہ پر تم میرے لےے بھی اپنے ہاتھ سے بنا کر کارڈ اور کیک لائو گی؟‘‘ وہ اس کی آنکھوں میں دیکھتا ہوا بولا۔

’’ہاں اور پھر یہ سنوں گی کہ یہ کیک کس بیکری سے اور کارڈ کسی آرٹسٹ سے بنوا کر اپنے نام سے دے رہی ہوں۔‘‘ وہ اس کی الزام تراشی پر ناراض ہو کر بیٹھ گئی تھی۔ وہ مستقل مسکرائے جارہا تھا۔ انکل فون کر کے فارغ ہوگئے تو بولے۔

’’چلو ڈنر کے لےے چلیں۔ آج اجالا کی پسند کی جگہ ہم لوگ ڈنر کریں گے۔‘‘ کچھ دیر بعد وہ لوگ گاڑی میں بیٹھے میریٹ جارہے تھے۔ راستے میں وہ انکل سے اپنے بزنس سے متعلق امور ڈسکس کرنے لگا تو وہ خاموشی سے بیٹھی ارد گرد کا جائزہ لینے لگی۔ ہوٹل پہنچ کر وہ تینوں ایک ساتھ چلتے ہوئے اندر داخل ہوئے۔ انکل نے ان دونوں کو آرڈر کرنے کے لےے کہا اس نے اپنی پسند کی دو تین چیزیں بتادیں اور اویس نے اپنی پسندیدہ ڈشز یعنی مختلف سلاد اور جھینگے وغیرہ کا آرڈر کر دیا۔

’’یہ تم اتنے تکلف سے کیوں کھا رہی ہو۔‘‘ انکل اسے تھوڑے سے چاول پلیٹ میں ڈالے دیکھ کر ٹوکنے لگے۔

’’آپ بے فکر رہیں انکل میں تکلف نہیں کر رہی۔‘‘ وہ انہیں اطمینان دلانے لگی۔

’’میرا خیال ہے اجالا تکلف نہیں بلکہ ڈائٹنگ کر رہی ہے۔‘‘ اویس نے کولڈ ڈرنک کا سپ لیتے ہوئے کہا۔

’’میں اکثر سوچتا تھا کہ یہ اتنی سوکھی تنکا سی کیوں ہے اب پتا چلا یہ سب ڈائٹنگ کا کرشمہ ہے۔‘‘ اس کی بات پر اجالا نے سر اٹھا کر براہ راست اس کی آنکھوں میں دیکھا اور بولی۔

’’آپ ہر وقت میرے بارے میں کیوں سوچتے رہتے ہیں۔ دنیا میں میرے علاوہ اور بھی بہت سے غور طلب مسائل ہیں۔‘‘ انکل نے اپنی پلیٹ سے توجہ ہٹا کر ایک نظر اجالا کو اور ایک نظر اویس کو دیکھا۔ ایک طرف کسی پرانی بات کا بدلہ چکا لینے کی خوشی تھی تو دوسری طرف ایک محظوظ سی مسکراہٹ۔ وہاں اس وقت کسی گزری ہوئی بات کے حوالے سے جملہ اچھالا گیا تھا جس سے وہ قطعاً لا علم تھے۔ کمال ہے بچوں نے اتنی ترقی کر لی اور مجھے پتا بھی نہیں چلا انہوں نے خود کو ڈپٹا۔ جو بھی تھا ان دونوں کی ایک دوسرے سے بے تکلف بات چیت انہیں خوش کر رہی تھی۔ جن دو لوگوں کو وہ ساری دنیا میں سب سے زیادہ چاہتے تھے اور ان کے حوالے سے انہوں نے کتنے ہی خواب دیکھ ڈالے تھے ان کی یہ نوک جھونک انہیں مسرت بخش رہی تھی۔

وہ خاموشی سے کھانا کھانے لگا تھا لیکن اس کی آنکھوں سے جھانکتی شرارت اور لبوں کی مسکراہٹ بتا رہی تھی کہ وہ کسی بات کو بہت انجوائے کر رہا ہے۔ اپنے خیال سے اس نے اسے شرمندہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ لیکن اس کی مسلسل شوخ سی مسکراہٹ اسے کوفت میں مبتلا کرنے لگی۔ وہ تو چڑنے کے بجائے بڑا خوش نظر آرہا تھا۔ واپسی میں وہ گاڑی چلاتا بیک ویو مرر کے ذریعے ایک آدھ نظر اس کے پھولے ہوئے منہ پر بھی ڈال لیتا اور خوامخواہ اس کے ہونٹوں پر مسکراہٹ پھیل جاتی۔ گاڑی اس کے گیٹ کے سامنے رکی تو وہ دروازہ کھول کر باہر نکل آئی۔ اسی وقت سامنے ایک اور گاڑی کی ہیڈ لائٹس چمکی تھیں۔ اجالا نے سامنے دیکھا تو سعود اور ماریہ بیٹھے نظر آئے۔ چوکیدار نے گاڑی کا ہارن سن کر گیٹ کھول دیا تھا لیکن وہ گاڑی اندر لے جانے کے بجائے وہیں روک کر گاڑی سے اتر کر ان لوگوں کی طرف چلا آیا۔ اس کی چال میں بہت تیزی اور عجلت نظر آرہی تھی۔ وہ سیدھا ڈرائیونگ سیٹ کے نزدیک پہنچ گیا اور بڑی گرم جوشی اور سرخوشی کے عالم میں اویس سے مخاطب ہوا۔

’’آہا اویس لودھی اور ہمارے گھر۔‘‘ اویس گاڑی سے اتر کر اس سے ہاتھ ملانے لگا۔ شوہر کو کسی کے ساتھ اتنی خوش گواری سے ملتے دیکھ کر ماریہ بھی ادھر ہی چلی گئی۔

’’یہ اتنے ہینڈسم بندے کے ساتھ اجالا کا کیا کام۔‘‘ اس کے چہرے کی حیرت اور ناگواری چھپائے نہ چھپ رہی تھی۔ اویس کا سعود کی گرم جوشی کے جواب میں وہی لیا دیا اور فارمل سا انداز تھا۔ اس کا وہی مخصوص انداز جس کی بدولت سامنے والا اس سے بے تکلف ہونے کی ہمت نہیں کر پاتا تھا۔ کوئی کہہ نہیں سکتا تھا کہ کچھ دیر پہلے یہ بندہ اتنی بے تکلفی سے جملے کستا مسکرا رہا تھا۔

’’یہ اجالا تو بڑی ہی بد اخلاق ہے۔ آپ لوگوں کو اندر آنے کے لےے بھی نہیں کہا۔‘‘ اویس کے آگے تقریباً بچھتا ہوا سعود اسے اس وقت ہمیشہ سے بھی زیادہ برا لگا۔ ’’کاش سعود تم اتنے کمینے نہ ہوتے اور اگر ایسے ہی تھے تو کم از کم میرے بھائی نہ ہوتے۔‘‘ اس کا خوشامدانہ اور چاپلوس انداز اجالا کا حلق کڑوا کر رہا تھا۔اسی وقت سعود کی نظر برابر کی سیٹ پر بیٹھے انکل پر پڑی تو اویس نے بڑے عام سے انداز میں تعارف کروادیا۔

’’میرے گرینڈ فادر سید مبشر لودھی۔‘‘ سعود اب ان سے بچھ بچھ کر سلام دعا کر رہا تھا۔ ان کی قیمتی گاڑی اور شاندار پرسنیلٹی سے ماریہ اندازہ تو لگا چکی تھی کہ شوہر کسی غلط آدمی پر فدا نہیں ہورہا اس لےے خود بھی اپنی ساڑی کا پلو سنبھالتی مسکراتی ہوئی کھڑی تھی۔ سعود کے بے حد اصرار سے اندر بلانے پر ان لوگوں نے معذرت کرتے ہوئے اجازت چاہی تھی۔

اویس نے ایک گہری نظر اس کے ناراض اور کوفت زدہ چہرے پر ڈالی اور گاڑی اسٹارٹ کردی تھی۔ اندر آتے ہی سعود نے اس سے پوچھا تھا۔

’’تم اویس کو کیسے جانتی ہو؟‘‘

’’میرے ان سے فیملی ٹرمز ہیں۔‘‘ وہ مختصر جواب دے کر اپنے کمرے میں چلی گئی تھی۔ انکل کی ہدایت کی بدولت اس نے سب کے ساتھ نارمل طریقے سے بات چیت شروع کر دی تھی۔ ناشتے اور کھانے کی میز پر بھی گھر والوں کے ساتھ بیٹھنے لگی تھی۔

’’تم مبشر لودھی کی فیملی کو کب سے جانتی ہو۔‘‘ صبح ناشتے کی میز پر ڈیڈی نے پتا نہیں کتنے عرصے بعد اسے براہ راست مخاطب کیا تھا۔

’’بہت عرصے سے۔‘‘ وہ سعود کی اتنی جلدی خبر پہنچانے پہ حیران تھی۔ یہ سعود تو B.B.C اور وائس آف امریکہ سے بھی کہیںآگے ہے۔ وہ دل ہی دل میں اسے سراہنے لگی۔ ڈیڈی اب ممی سے مخاطب تھے۔

’’بہت بڑے گروپ آف انڈسٹریز کا تنہا وارث ہے یہ اویس لودھی۔ آج کل بزنس سرکل میں سب سے ہارٹ ایشو اس کی شادی بنی ہوئی ہے۔ ایسے لوگوں سے تو خالی دوستی ہونا بھی کسی فائدے سے خالی نہیں۔کتنے ہی بڑے بڑے خاندان اپنی بیٹیوں کا رشتہ اس سے طے کرنا چاہتے ہیں مگر اس کا خود کا انٹرسٹ کس طرف ہے یہ واضح نہیں ہوپارہا۔‘‘

ماریہ نے بڑی جیلس نظروں سے اس کی طرف دیکھا تو اس کا خوامخواہ قہقہہ لگا کر ہنسنے کو دل چاہنے لگا۔

’’یہیں فیز فائیو میں گھر ہے اس کا۔ ایسا کرو اجالا ان لوگوں کو اس سنڈے کو ڈنر پر انوائیٹ کرلو۔‘‘ ڈیڈی نے پہلے ممی اور بعد میں اسے مخاطب کیا تھا۔ وہ ایک دم میز پر بیٹھے تمام لوگوں کو اپنے سے اونچی کوئی خاص چیز لگنے لگی تھی۔ وہ مرکز نگاہ بنی تھی تمام کیمروں کا رخ اس کی طرف تھا۔ سوائے دعا کے اس وقت ٹیبل پر گھر کے تمام افراد موجود تھے۔

’’آپ لوگ نفع نقصان سے قطع نظر بھی انسان کو انسان سمجھ کر کیوں نہیں ملتے۔ اس سے ملو یہاں سے فائدہ ہوگا۔ اس سے نہ ملو کوئی فائدہ نہیں۔ اسے کچلتے ہوئے گزر جائو۔ اسے دھکیل کر اپنے لےے راستہ بنائو۔ اس کے سر پر سوار ہو کر اونچے ہوجائو آپ لوگ اتنے گھٹیا کیوں ہیں۔‘‘ وہ دل ہی دل میں سب سے مخاطب تھی۔ ڈیڈی کو اس نے جواب دینے کی زحمت گوارا نہیں کی تھی۔

’’میں اس جہنم میں انہیں کبھی بھی نہ بلائوں۔ یہ رشتے اور محبتیں میں نے بڑی مشکلوں سے حاصل کےے ہیں میں آپ لوگوں کی خود غرض کی بھینٹ نہیں چڑھنے دوں گی انہیں۔‘‘ وہ عزم مصمم کر چکی تھی۔ سعود ڈیڈی سے کہہ رہا تھا۔

’’اپنے آپ پر بڑا غرور ہے اسے۔ اپنے سامنے کسی کو کچھ نہیں سمجھتا۔‘‘

سعود کی بات پر وہ اس کی طرف غور سے دیکھنے لگی تھی۔ ’’کل اسی مغرور ہستی کے سامنے تم بچھ بچھ جا رہے تھے۔ تمہارا بس نہیں چل رہا تھا کہ اس کے آگے لیٹ جائو اور کہو کہ سر آئےے میرے اوپر سے گزر کر جائےے۔‘‘ وہ دل ہی دل میں اس سے کہہ رہی تھی۔

’’وہ جیسا بھی ہے تم لوگوں کی طرح منافق اور دغا باز نہیں ہے۔‘‘ وہ ناشتے کی ٹیبل پر سے اٹھ گئی تھی۔

وہ اب انکل سے کوئی بات نہیں چھپاتی تھی انہوں نے اس سے وعدہ لیا تھا کہ وہ چھوٹی سے چھوٹی اور بڑی سے بڑی ہر بات انہیں بتائے گی۔ کبھی بھی ان سے کچھ سیکریٹ رکھنے کی کوشش نہیں کرے گی۔ اسی لےے وہ انہیں اپنے گھر والوں کے تازہ ترین روےے کے بارے میں بتانے کے لےے بے چین تھی۔ اسی بنا پر وہ اگلے روز شام کے وقت ان کے گھر چلی آئی تھی۔ گو آج چھٹی کا دن تھا لیکن اب اسے اویس کا سامنا ہونے پر کسی قسم کی شرمندگی محسوس نہیں ہوتی تھی۔ وہاں پہنچی تو پتا چلا کہ انکل کے کچھ مہمان آئے ہوئے ہیں اور وہ ڈرائنگ روم میں بیٹھے ان کے ساتھ گپ شپ میں مصروف ہیں۔ وہ ان کے فارغ ہونے کا انتظار کرنے لگی۔ اکیلے لائونج میں بیٹھے بوریت ہونے لگی تو وہ سیڑھیاں چڑھ کر اوپر آگئی۔ ارادہ تو یہ تھا کہ اسٹڈی میں بیٹھ کر کسی کتاب کا مطالعہ ہی کر لیا جائے لیکن کوریڈور سے گزرتے سامنے والے کمرے سے آتی بڑی خوب صورت سی موسیقی کی آواز نے اسے اپنی گرفت میں لے لیا۔ گٹار پر بڑی خوب صورت سی دھن بجائی جارہی تھی۔ بے اختیار آگے بڑھ کر اس نے کمرے کا دروازہ کھولا تو سامنے فلور کشن پر بیٹھے اویس کو دیکھ کر وہ حیران رہ گئی۔ وہ بڑے مگن سے انداز میں اپنے ارد گرد سے غافل گٹار بجا رہا تھا۔ وہ فوراً ہی دروازے سے پلٹ جانا چاہتی تھی کہ اویس کی نظر اس پر پڑی۔

’’اجالا۔‘‘ وہ اسے دیکھ کر کچھ حیران ہوا تھا۔

’’آئم سوری مجھے پتا نہیں تھا یہ آپ کا بیڈ روم ہے۔‘‘ وہ اپنی بد تہذیبی پر شرمندہ ہوتی فوراً وہاں سے چلی جانا چاہتی تھی۔ کسی کے کمرے میں بغیر ناک کےے جانا یقینا کوئی قابل تعریف فعل نہیں تھا۔ لیکن کمرے کا مالک اس کے اس طرح آنے کا برا مانے بغیر بولا۔

’’کم آن اجالا یہ تم اتنی فارمل کب سے ہوگئی ہو اور اب اگر آہی گئی ہو تو اندر تو آجائو۔‘‘ وہ اندر آنے میں ہچکچاہٹ محسوس کر رہی تھی۔

’’اب آبھی چکو۔‘‘ وہ دوبارہ اصرار کرنے لگا تو وہ کچھ شرمندگی کے عالم میں اندر آگئی اور اس کے سامنے رکھے فلور کشن پر بیٹھ گئی۔

’’تم کب آئیں۔ مجھے پتا نہیں چلا۔‘‘ وہ پوچھنے لگا تو وہ جواب میں بولی۔

’’ابھی تھوڑی دیر ہوئی ہے۔ انکل کے مہمان آئے ہوئے ہیں۔ میں نے سوچا کہ اسٹڈی میں کوئی کتاب پڑھ لوں گی۔ یہاں سے گزرتے ہوئے گٹا رکی اتنی اچھی اور خوب صورت دھن کی آواز آئی تو میں ادھر آگئی۔‘‘ اس کی بات پر وہ ہنس پڑا۔

’’تمہیں میوزک میں انٹرسٹ ہے۔‘‘ وہ گٹار سائڈ میں رکھتا ہوا اس سے بولا تو اس نے گردن ہلادی۔

’’آپ نے کیا کہیں سے سیکھا ہے گٹار بجانا۔‘‘

’’ارے نہیں بھئی یہ تو بس یونہی شوقیہ بلکہ یہ کہنا زیادہ مناسب ہوگا کہ یہ میرا بچپن کا شوق ہے کالج اور پھر یونیورسٹی کے زمانے میں دوستوں کی محفل میںبیٹھ کر انہیں گٹا رپر اپنی پسندیدہ دھنیں سنایا کرتا تھا۔ آج تو کئی سالوں کے بعد اچانک ہی میرا دل چاہا تو گٹار نکال کر خود کو چیک کر رہا تھا کہ مجھے بجانا یاد بھی ہے یا بھول گیا۔‘‘

’’لیکن آپ کا اسٹائل تو بڑا پرفیکٹ بلکہ پروفیشنل قسم کا ہے۔‘‘ اس کی بات پر وہ قہقہہ لگا کر ہنس پڑا تھا۔

’’بس میری اور تعریف مت کرنا ورنہ میں واقعی آسمان پر چڑھ جائوں گا۔‘‘ جواب میں وہ بھی ہنس پڑی تھی۔ بے اختیار کھلکھلا کر ہنستے اس نے اسے پہلی بار دیکھا تھا۔

’’تم ہنستے ہوئے اچھی لگتی ہو۔‘‘ فوراً ہی اس کی ہنسی کو بریک لگ گئے تھے۔ وہ اس کی کنفیوز سی شکل و دیکھ کر مسکراتے ہوئے کہنے لگا۔

’’اگر یہاں تمہاری جگہ کوئی اور لڑکی ہوتی تو اپنی تعریف پر خوش ہوتی اور مجھے تھینکس تو ضرور ہی کہتی۔‘‘ وہ اس سے نظریں ملانے کی ہمت نہیں کر پارہی تھی۔ اس کا دل چاہا جلدی سے اٹھ کر یہاںسے بھاگ جائے۔ ’’میں اتنے سال پڑھائی کی وجہ سے یہاں سے دور رہا لیکن ہمیشہ ہی سنتا تھا کہ ہمارے ہاں کی لڑکیاں بڑی شرمیلی اور مشرقی قسم کی ہوتی ہیں۔ جب واپس آیا تو پتا چلا کے دور کے ڈھول سہانے ہوتے ہیں۔ ہمارے ہاں کی لڑکیوں نے تو یورپ اور امریکہ کی خواتین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ایسے میں تم جیسی چیزیں شاید اللہ تعالیٰ نے مثال دینے کے لےے چھوڑ دی ہیں۔‘‘ وہ اس کے چہرے پر نظریں جمائے ہوئے بول رہا تھا۔

’’ویسے تم ہو کیا چیز۔ مجھے تو تم چودھویں یا پندرہویں صدی کی کوئی بھٹکی ہوئی روح معلوم ہوتی ہو۔ اس زمانے میں تمہارا کیا کام؟‘‘ اس کی بات پر وہ کچھ ناراض لہجے میں بولی۔

’’میں نے آپ سے اپنے بارے میں کوئی رائے تو نہیں مانگی۔ میں جیسی ہوں ٹھیک ہوں۔‘‘ وہ اس کی ناراضگی کو خاطر میں لائے بغیر کہنے لگا۔

’’پاپا جانی مجھ سے کہہ رہے تھے کہ میں جان کر اجالا کے ساتھ الٹی سیدھی بکواس کرتا ہوں صرف اس کا شرم سے لال گلابی ہوتا چہرہ دیکھنے کے لےے۔‘‘

وہ اس کی نظریں اپنے چہرے پر محسوس کر کے قصداً کمرے میں اِدھر اُدھر نظریں دوڑانے لگی۔وہ کچھ دیر بڑے غور سے اس کے چہرے کو دیکھتا رہا پھر ہنستے ہوئے کہنے لگا۔

’’میں نے تمہاری کوئی خاطر مدارات تو کی نہیں۔ آخر تم پہلی مرتبہ میرے کمرے میںآئی ہو۔‘‘ اس کے جواب کا انتظار کےے بغیر وہ اٹھا اور بیڈ روم ریفریجریٹر سے پیپسی کے دو کین نکال لایا۔ ایک اس کے ہاتھ میں پکڑا کر دوسرا خود لے کر بیٹھ گیا۔ اپنے سامنے رکھی ڈرائی فروٹس کی پلیٹ بھی اس کی طرف کھسکادی۔ ’’لو۔ آئو میں تمہیں اپنی پسندیدہ دھن سنائوں؟‘‘ وہ صرف اپنے گلے پڑے شرمیلے پن کا لیبل اتارنے کے لےے گردن ہلا گئی۔ وہ دو تین گھونٹ میں پیپسی ختم کرتا گٹار اٹھا کر بجا نے لگا اور جس وجہ سے وہ کھینچتی ہوئی اس کمرے تک چلی آئی تھی وہ کچھ ایسی بے جا بھی نہیں تھی۔ وہ اتنا اچھا گٹار بجا رہا تھا کہ وہ بڑی دلچسپی اور شوق سے گٹا ربجاتا سنتی رہی اس نے اپنی پسندیدہ دھن مکمل بجالی تو وہ بے اختیار بول اٹھی۔

’’بہت خوب۔‘‘

’’تمہیں اچھا لگا۔‘‘ وہ مسکراتے ہوئے پوچھنے لگا۔

’’بہت اچھا۔‘‘ وہ کھلے دل سے تعریف کر گئی۔ وہ کچھ کہے بغیر ایک اور دھن بجانے لگا۔ وہ خاموشی سے بیٹھی گٹار کے تاروں کو چھوتے اس کے ہاتھوں کو دیکھ رہی تھی۔ وہ پوری طرح کھوئی ہوئی اسے سن رہی تھی۔

’’تمہیں کس قسم کا میوزک پسند ہے؟‘‘ وہ دوسری دھن بجا چکا تو اس سے پوچھنے لگا۔

’’مجھے آپ کی طرح میوزک کی زیادہ سمجھ تو نہیں ہے لیکن بس جو بھی کانوں کو اچھا لگے۔ تیز تیز اچھلتے کودتے گانے مجھے اچھے نہیں لگتے۔ سلو اور لائٹ میوزک اچھا لگتا ہے۔‘‘ وہ اپنی پسند بتانے لگی۔

’’اچھا تمہارے فیورٹ گلوکار کون کون ہیں؟‘‘ اس کی بات پر وہ فوراً بولی۔

’’مجھے نیرہ نور اور جنید جمشید بہت پسند ہیں۔‘‘

’’چلو تو پھر تمہیں تمہارے فیورٹ سنگرز کا کچھ سناتے ہیں۔‘‘ وہ یوں بول رہا تھا جیسے وہ بطور خاص صرف اس کا گٹار سننے یہاں آئی تھی اور وہ خود بھی بڑی فرصت کے ساتھ سنانے کے لےے کب سے تیار بیٹھا تھا۔ پھر وہ جنید جمشید کا ’’اعتبار بھی آہی جائے گا۔ چلو تو سہی‘‘ بجانے لگا۔ اس کے بعد ’’تیرے لےے ہے میرا دل میری جان۔‘‘ بجانے لگا۔ وہ بری محویت کے ساتھ اس کے ردھم میں کھوئی ہوئی تھی جب دروازے پر دستک ہوئی۔ اویس نے گٹار روک کر ’’یس کم ان‘‘ کہا تو اخلاق اندر آگیا۔ اس پر نظر پڑی تو کہنے لگا۔

’’صاحب اور میں دونوں مل کر آپ کو پورے گھر میں ڈھونڈ رہے تھے۔ اب میں اویس بھائی سے آپ کا پوچھنے آیا تھا۔‘‘ اس کی بات سن کر وہ فوراً کھڑی ہوگئی۔

’’انکل کے مہمان چلے گئے۔‘‘

’’جی کب کے اب تو وہ ہم لوگوں کو ڈانٹتے ڈپٹتے آپ کو تلاش کر رہے ہیں۔‘‘ وہ دانت نکال کر بولا۔ وہ جلدی سے کمرے سے باہر نکل آئی۔ انکل سامنے سے آتے ہوئے نظر آئے تو ان کی طرف چلی آئی۔

’’کہاں غائب ہوگئی تھیں۔ میں پریشان ہوگیا کہ اجالا آخر مجھ سے ملے بغیر اور کچھ کہے بغیر کیسے چلی گئی۔‘‘ وہ اپنے اتنی دیر تک وہاں بیٹھنے پر کچھ شرمندگی محسوس کرتے ہوئے کہنے لگی۔

’’میں یہیں تھی۔‘‘

’’یہیں کہاں تھیں یہ بھی تو بتائو۔‘‘

’’آپ تو اپنے مہمانوں میں مصروف تھے اور میں آپ کی لاڈلی کو کمپنی دے رہا تھا۔‘‘ اس نے پیچھے اویس کی آواز سنی۔ انکل اسے دیکھ کر مسکراتے ہوئے کہنے لگے۔

’’کمپنی کس طرح دے رہے تھے لطیفے تو تمہیں آتے نہیں اور باتیں تم اتنی بور کرتے ہو کہ وہ میں ہی بمشکل برداشت کرتا ہوں۔‘‘

’’پوچھ لیں اس سے۔ بتائو اجالا میری کمپنی بور ہے۔‘‘ وہ اسے درمیان میں گھسیٹنے لگا تو وہ انکل سے کہنے لگی ’’نہیں انہوں نے مجھے بالکل بھی بور نہیں ہونے دیا۔‘‘ آخر اس نے اتنی دیر تک کسی پروفیشنل گٹار بجانے والے کی طرح اسے لائیو اپنے شو سے محظوظ کیا تھا وہ اس کی برائی کیسے کر سکتی تھی۔

’’تم اس کی کچھ زیادہ ہی فیور نہیں کرنے لگیں۔‘‘ انکل نے اسے بغور دیکھتے کہا تو وہ کچھ دیر پہلے سنے گئے کمنٹس کو بھلائے دوبارہ کچھ نروس سی ہوگئی۔ صحیح کہتی ہے دعا میں کسی مڈل کلاس بلکہ لوئر مڈل کلاس گھرانے کے لےے بڑی سوٹ ایبل تھی۔ وہ خود کو برا بھلا کہہ رہی تھی۔

’’حق بات آپ کو فیور لگ رہی ہے۔ وہ سچی ہے اس لےے سچائی کا ساتھ دے رہی ہے۔‘‘ اسے مشکل میں پڑتا محسوس کر کے وہ فوراً میدان میں اتر آیا۔

’’اوہو تو آپ بھی۔۔۔‘‘ انکل کی بات پر اویس تو بڑی بے فکری سے ہنس پڑا تھا جبکہ وہ ان دادا پوتا کے بیچ سینڈوچ بنی اپنے آج کے آنے کو کوس رہی تھی۔ انکل نے اس کے چہرے پر ایک تفصیلی نظر ڈالی اور بولے۔

’’چلو نیچے لائونج میں چل کر بیٹھتے ہیں پھر آرام سے باتیں کریں گے۔‘‘ وہ اب مزید اسی طرح کی باتیں سننا نہیں چاہتی تھی لیکن اس طرح اٹھ کر جا بھی نہیں سکتی تھی اس لےے نیچے ان لوگوں کے ساتھ آکر بیٹھ گئی۔ اویس کو اپنے کسی دوست سے ملنے جانا تھا سو وہ پانچ دس منٹ بعد ہی ایکسکیوز کرتا چلا گیا۔ اس کے جانے کے بعد انکل بھی اپنی معنی خیز گفتگو سے باز آگئے تو اس نے سکون کا سانس لیا اور انہیں اپنی آمد کی وجہ بتانے لگی۔

٭٭٭

وہ تھکی ہاری ابھی ابھی گھر پہنچی تھی۔ ان دنوں فائنل ایئر کے تھیسس ڈسپلے کی وجہ سے وہ بہت مصروف تھی۔ اس وقت بھی شام کے چھ بجے اس کی واپسی ہوئی تھی۔ وہ سیڑھیاں چڑھتی اپنے کمرے میں جارہی تھی جب اس نے اپنے پیچھے دعا کی آواز سنی۔

’’اجالا تمہارا فون ہے۔‘‘ وہ لائونج میں کھڑی ریسیور ہاتھ میں لےے اس سے بولی تو وہ واپس سیڑھیاں اتر کر لائونج میں آگئی۔ دعا ریسیور اس کے ہاتھ میں پکڑا کر وہیں لائونج میں بیٹھ کر میگزین دیکھنے لگی۔ اس نے ریسیور کان سے لگایا تو دوسری طرف سے آتی اویس کی آواز کو سن کر وہ حیران رہ گئی۔

’’آپ تو نیویارک گئے ہوئے تھے۔‘‘

’’ساری زندگی کے لےے نہیں گیا تھا۔ آخر کار مجھے واپس بھی آنا تھا۔‘‘ وہ بڑا چڑ کر بولا تھا وہ اس کے فون کرنے کی وجہ سوچتے ہوئے کہنے لگی۔

’’سب خیریت تو ہے نا انکل کیسے ہیں؟‘‘

’’آپ کے انکل آپ کی جدائی میں آہیں بھر رہے ہیں کہ میں نے اپنی لاڈلی کی شکل تین دن سے نہیں دیکھی۔ تم آج کل ہو کہاں؟‘‘ وہ ناراضی سے کہہ رہا تھا۔

’’فائنل والوں کے تھیسس ڈسپلے کی وجہ سے مصروفیت بہت زیادہ ہے۔ لیکن میری کل تو انکل سے بات ہوئی تھی۔‘‘ وہ اپنی مصروفیت کی وجہ بتانے لگی۔

پانچ دن ہوگئے ہیں مجھے ٓائے ہوئے تمہیں اتنی بھی توفیق نہیں ہوئی کہ آکر خیریت ہی پوچھ لو۔‘‘ وہ ہنستے ہوئے بولی۔

’’آپ کون سا دو سال بعد آئے ہیں۔ صرف دس دن میں تو آگئے ہیں اور اس طرح کے بزنس ٹورز تو آپ کے مہینے میں پتا نہیں کتنی بار ہوتے ہیں۔ اس میں خیریت پوچھنے والی کون سی بات ہے۔‘‘

’’تم بس میرا دل جلایا کرو۔ کل پوری شام یہ سوچ کر میں نہیں گیا کہ شاید محترمہ آجائیں۔ اچھا دیکھو تمہارے لےے دو چار چیزیں لایا تھا۔ تم نے تو نہ آنے کی قسم کھائی ہے شایدا سی لےے میں ڈرائیور کے ہاتھ وہ چیزیں بھجوارہا ہوں۔‘‘ وہ خفگی بھرے انداز میں بولا تو وہ اس کے اپنائیت بھرے شکوہ شکایت پر کچھ حیرت زدہ ہوتی ہوئی بولی۔

’’آپ نے خوامخواہ تکلیف کی۔‘‘ وہ اس کی بات پر غرایا۔

’’میں نے، اس کی کیا ضرورت تھی اور آپ کو تکلیف ہوئی جیسی باتیں سننے کے لےے فون نہیں کیا تھا۔ صرف یہ بتانے کے لےے فون کیا ہے وہ چیزیں قبول کر کے میرے اوپر احسان عظیم کردو۔ خدا حافظ۔‘‘ وہ اپنی بات مکمل کرتے ہی فون رکھ چکا تھا وہ بھی جواب میں ایک گہری سانس لیتی ہوئی فون رکھ کر پلٹنے لگی تو دعا میگزین سے نظریں ہٹا کر بولی۔

’’یہ اویس وہی لودھی گروپ آف انڈسٹری والا ہی ہے نا۔‘‘ وہ اس کی بات پر ہنستے ہوئے بولی۔

’’کمال ہے یہ اویس اتنی مشہور و معروف شخصیت کب سے ہوگیا کہ لوگ اسے نام سے پہچاننے لگے۔‘‘

دعا اس کی بات نظر انداز کر کے کہنے لگی۔

’’کیا اسی کو ڈنر پر انوائیٹ کرنے کی بات ڈیڈی کل تمہیں یاد نہیں کروارہے تھے۔‘‘ ڈیڈی نے اس روز کے بعد دو تین مرتبہ اسے یاد دہانی کروائی تھی کہ وہ ان لوگوں کو کھانے پر بلائے۔ اس نے دعا کی با ت پر سر ہلا دیا ’’وہ تو بڑا مغرور سا بندہ ہے۔ تمہارے ساتھ اس کے کس قسم کے تعلقات ہیں۔‘‘ وہ اس کی طرف بڑے غور سے دیکھتے ہوئے پوچھنے لگی۔

’’ہم اچھے دوست ہیں۔‘‘ اس سے کچھ اور بھی کہنا چاہتی تھی کہ اسی وقت ملازم ایک شوپر ہاتھ میں لےے اس کی طرف آتا نظر آیا تو چپ ہوگئی۔ وہ اس کے ہاتھ سے بیگ لیتی اپنے کمرے میں آگئی۔ اس کی بھیجی ہوئی تمام چیزیں بستر پر پھیلائے وہ سوچ رہی تھی کہ کیا میں اتنی اہم ہوں کہ کوئی مجھے یاد رکھے۔ اپنی مصروفیت میں بھی اسے میرا دھیان رہے۔ اس نے کہیں پڑھا تھا کہ ’’اہم ہونا خوب صورت ہے، خوب صورت ہونا اہم نہیں۔‘‘ اور آج اس جملے کا مطلب اس کی سمجھ میں مکمل طور پر آگیا تھا۔ کیا میں بھی کسی کے لےے اسپیشل ہوسکتی ہوں۔ وہ شخص جو اپنے آگے اچھے اچھوں کو خاطر میں نہیں لاتا اسے میری پروا ہے۔ انکل آپ نے بالکل ٹھیک کہا تھا کہ زندگی اگلے موڑ پر میرے لےے بہت سی خوشیاں لےے کھڑی ہے۔ اس وقت میںنے سوچا بھی نہیں تھا کہ میری خوشیوں کا ہر در آپ ہی کے گھر میں کھلتا ہے۔ مجھے شاید اب زندگی میں وہ سب کچھ ملنے والا ہے جو میں چاہتی تھی سچی محبت، خلوص اور اپنائیت۔

اس نے اپنی زندگی کی چھبیس سال محبتوں کی تلاش میں گزارے تھے اور اب اچانک ہی اس پر چاروں طرف سے محبتوں اور چاہتوں کے پھول برسنے لگے۔ انکل کی شفقت اور محبت کے ساتھ ساتھ ایک بالکل ہی مختلف قسم کی محبت سے وہ پہلی بار روشناس ہوئی تھی۔

٭٭٭

اگلے روز وہ اپنی تمام تر تھکن اور مصروفیت کے باوجود ان کے گھر چلی آئی تھی۔ وہ کسی ڈنر میں گیا ہوا تھا۔ کچھ دیر انکل سے گپ شپ لگا کر وہ اس کے لےے اپنے ہاتھوں سے بنایا ہوا تھینک یوکا کارڈ اس کے کمرے میں جا کر میز پر رکھ آئی تھی۔

ناشتے کی میز پر وہ تمام گھر والوں کے ساتھ بیٹھی ہوئی تھی جب حمیدہ نے اسے بتایا کہ اس کا فون ہے۔ وہ مسکراتی ہوئی کرسی پر سے کھڑی ہوگئی۔ فون اٹینڈ کےے بغیر بھی وہ جانتی تھی کہ دوسری طرف کون ہے۔ اس کے ہیلو کے جواب میں وہ ہنستے ہوئے کہہ رہا تھا۔

’’تمہارے تھینک کا تھینک۔‘‘ اس کی بات پر وہ بھی ہنس پڑی تھی ’’رات کو میں دیر سے آیا تھا ورنہ اسی وقت تمہیں فون کرتا۔ ابھی بھی آفس جانے کی تیاری کرنے کے ساتھ ساتھ تمہیں فون کر رہا ہوں۔ کیا تم یقین کرو گی کہ میں اس وقت ٹائی باندھتا ہوا تم سے بات کر رہا ہوں۔‘‘ اس بات پر وہ حیرت سے بولی۔

’’ایک ہاتھ سے ٹائی باندھ رہے ہیں؟‘‘

’’نہیں باندھ تو دونوں ہاتھوں سے رہا ہوں۔موبائل میں نے کندھے کے سہارے کان سے لگایا ہوا ہے۔‘‘ وہ اپنی کیفیت کا خود ہی مزہ لیتے ہوئے بتا رہا تھا۔

’’چیک کر لیجےے گا کہ کہیں بات کرنے میں ناٹ صحیح نہ بنی ہو اور آفس پہنچنے پر آپ کی خوب صورت سی سیکریٹری صحیح ٹائی نہ باندھنے پر آپ کے اوپر ہنسنے لگے۔‘‘ وہ شرارتی انداز میں بولی تو وہ کہنے لگا۔

’’تمہیں کیسے پتا چلا کہ میری سیکریٹری بہت خوب صورت ہے۔‘‘ بڑا سنجیدہ سا لہجہ تھا۔

’’میں نے صرف خوب صورت کہا تھا۔ بہت کا اضافہ آپ نے خود کیا ہے۔‘‘ وہ اس کی بات پر قہقہہ لگا کر ہنس پڑا تھا۔

’’اچھا میں اپنے جملے میں سے لفظ بہت کوہٹا رہا ہوں۔ وہ صرف خوب صورت ہے۔‘‘ اسی وقت اس نے دوسری جانب اخلاق کی آواز سنی تھی وہ اسے ناشتے کے لےے بلانے آیا تھا۔

’’پاپا جانی ناشتے پر میرا انتظار کر رہے ہیں اس لےے خدا حافظ۔‘‘ وہ عجلت بھرے انداز میں بولا تو وہ بھی خدا حافظ کہہ کر فون بند کرنے لگی کہ اچانک وہ بول پڑا تھا۔

’’کل سنڈے ہے اور تم نے کل ہر قیمت پر گھر آنا ہے اور اگر تم نہیں آئیں تو میں تم سے اچھی طرح سمجھ لوں گا۔‘‘ اس کی دھمکی پر وہ مسکراتے ہوئے بولی تھی۔

’’دیکھوں گی اگر ٹائم ملا تو آئوں گی۔‘‘ پھر اس کا جواب سنے بغیر اس نے لائن منقطع کر دی تھی۔

’’کس کا فون تھا؟‘‘ وہ واپس ٹیبل پر آئی تو دعا اس سے پوچھنے لگی۔ باقی تمام لوگ ناشتا کر کے اٹھ چکے تھے۔ اسے یہ بلا وجہ کی پوچھ گچھ پسند نہ آئی۔ جب میں ان لوگوں کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتی تو انہیں بھی کوئی حق نہیں پہنچتا کہ میرے ذاتی معاملے میں انولو ہوں۔

’’اویس کا تھا۔‘‘ اس نے اپنی ناگواری چھپانے کی کوئی کوشش نہ کی تھی اسی لےے لہجہ بڑا روڈ اور بدتمیز تھا۔

’’تم اسے پسند کرتی ہو؟‘‘ دعا نے آملیٹ کھاتے ہوئے پوچھا تو وہ بڑے غصے سے بولی۔

’’میرا اس سے جو بھی تعلق ہے۔ تمہیں اس کی فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ پلیز مائنڈ یوراون  بزنس۔‘‘

’’تم خوامخواہ ناراض ہورہی ہو۔ میں اسے پہلے سے جانتی ہوں اس لےے اتنا انٹرسٹ شو کر رہی تھی۔ وہ ہمارے انسٹیٹیوٹ میں ایکسٹینشن لیکچر دینے آیا تھا ایک مرتبہ میں تب سے اسے جانتی ہوں۔ اس کی کزن فائزہ میری کلاس فیلو ہے۔ پھر ایک مرتبہ سر علوی کی دی ہوئی اسائمنٹ کے سلسلے میں کچھ گائیڈنس لینے کے لےے بھی میں اور فائزہ اس کے آفس گئے تھے۔ فائزہ بتا رہی تھی کہ اوپر اوپر سے بڑا لیا دیا اور سوبر نظر آتا ہے اندر سے ایک نمبر کا فلرٹ ہے یہ، اوپر سے دولت اور شکل صورت بھی خدا نے کچھ زیادہ ہی اچھی دے دی ہے اس لےے اسے خوب اچھی طرح کیش کراتا ہے۔‘‘ وہ اس کی بات کا بھی کوئی نوٹس لےے بغیر ناشتا کرتی رہی تو وہ بھی چپ ہوگئی۔

’’ان فائزہ صاحبہ کو اس نے منہ نہیں لگایا ہوگا اس لےے اس کے بارے میں الٹا سیدھا پروپیگنڈا کرتی پھر رہی ہیں۔‘‘ اسکول جاتے ہوئے گاڑی ڈرائیو کرتے اس نے سوچا تھا۔ وہ اتنا ڈیسنٹ ہے اتنا کلچرڈ اور وہ کبھی کوئی ایسی حرکت نہیں کر سکتا۔ اس نے حتمی طور پر یہی سوچا تھا۔

٭٭٭

وہ ان کے گھر پہنچی تو دن کے گیارہ بج رہے تھے۔ انکل اور اویس دونوں ہی لائونج میں بیٹھے ٹی وی دیکھ رہے تھے۔ اویس اسے دیکھ کر بڑے بھرپور انداز میں مسکرایا تھا۔

’’یہ سورج آج کدھر سے نکلا ہے۔ اتنی مصروف شخصیت ہمارے گھر آئی ہے۔‘‘ انکل نے اسے پیار کرتے ہوئے کہا۔

’’پرسوں شام مں تو آئی تھی انکل آپ کی یادداشت کو کیا ہوگیا ہے۔‘‘

’’کل کیوں نہیں آئیں۔‘‘ میں پارک میں بھی انتظار کرتا رہا۔ انہوں نے شکوہ کیا۔

’’کل میں اتنے دنوں کی تھکن اتا ررہی تھی۔‘‘ وہ صوفے پر بیٹھتے ہوئے بولی۔ ٹی وی پر آتے کرکٹ میچ کو دیکھ کر اس نے برا سا منہ بنایا۔

’’یہ کیا بور چیز دیکھ رہے ہیں آپ؟‘‘

’’ارے بڑا زبردست میچ آرہا ہے۔ پاکستان اور سائوتھ افریقہ کا فائنل ہے۔ پاکستان نے بڑا اچھا ٹارگٹ دیا ہے۔ دو سو نوے کا ٹارگٹ وہ مشکل ہی کر پائیں گے۔ اوپر سے پاکستان کا مضبوط بولنگ اٹیک۔‘‘ انکل ے اسکرین پر نظریں جمائے ہوئے کہا۔

’’یہ مصیبت سارا سال ہی پیچھے پڑی رہتی ہے اور ہماری قوم کو تو کہیں کا نہیں چھوڑا اس کرکٹ فوبیا نے۔‘‘ اس نے اپنی ناپسندیدگی کا واضح اظہار کیا۔

’’تم لڑکیوں کے تو بڑے فیورٹ ہوتے ہیں یہ کرکٹرز بلکہ تم ہی لوگ انہیں آسمان پر چڑھا کر کوئی خلائی مخلوق بنانے میں پیش پیش ہوتی ہو۔ میں نے کل ہی پڑھا تھا کہ ایک بے چارے کرکٹر نے لڑکیوں کی فون کالوں سے تنگ آکر پندرہویں دفعہ اپنا موبائل نمبر اور بیسویں دفعہ گھر کا فون نمبر تبدیل کروایا ہے۔‘‘ اویس نے اسکرین پر سے نظریں ہٹا کر اسے دیکھا۔

’’صرف چند بے وقوف او رنیم پڑھی لکھی لڑکیوں کی حرکتوں کی وجہ سے آپ تمام لڑکیوں کو ایسا نہیں کہہ سکتے۔ زیادہ تر لڑکیاں پڑھے لکھے اور ذہین لوگوں کو اپنا آئیڈیل بناتی ہیں۔‘‘ وہ خاصا برا مان کر بولی تھی۔

’’یعنی میرے جیسوں کو۔‘‘ وہ اپنی طرف اشارہ کرتے ہوئے بولا۔ انکل ان دونوں کی بات چیت سے محظوظ ہوتے مسکرا رہے تھے۔

’’بڑی خوش فہمی ہے آپ کو اپنے بارے میں۔‘‘ وہ سنجیدگی سے بولی۔

’’پھر تمہاری ڈکشنری میں پڑھا لکھا اور ذہین کیسا شخص ہے؟‘‘

وہ غصے سے بولا تو وہ اس کے غصے کو خاطر میں لائے بغیر کہنے لگی۔

’’انکل جیسا، اس لےے کہ وہ خود کو ذہین پوز نہیں کرتے بلکہ وہ ہیں ہی ذہین۔‘‘ اس کی بات پر انکل قہقہہ لگا کر ہنس پڑے تھے۔ ’’بھئی میری بیٹی نے صبح صبح دل خوش کر دیا۔‘‘ وہ اس کی بات کو خوب انجوائے کر رہے تھے۔ اسی وقت سائوتھ افریقہ کا اوپنر آئوٹ ہوگیا تو انکل اور اویس دوبارہ ٹی وی کی جانب توجہ مبذول کر گئے۔ وہ کچھ بور ہو کر پاس رکھا اخبار اٹھا کر دیکھنے لگی۔ وہ دونوں بڑے انہماک سے میچ دیکھ رہے تھے۔ انکل سائڈ میں رکھے سنگل صوفے پر بیٹھے تھے جبکہ وہ اور اویس برابر والے صوفے پر بیٹھے تھے۔ اس کے اور اویس کے درمیان ڈھیر سارے اخبارات رکھے ہوئے تھے۔ شاید اسے چھٹی والے دن بہت سے اخبارات کا مطالعہ کرنا اچھا لگتا تھا۔ وہ اخبار میں اپنے پسندیدہ صفحے پر موجود مختلف پزلز حل کرنے کی کوشش کرنے لگی۔ وہ لفظ Preconceive کے Alphabet سے بننے والے دوسری الفاظ بنانے کی کوشش کرنے لگی۔ بڑی کوششوں کے بعد بھی صرف پندرہ لفظ ہی بن پائے تو وہ اویس سے بولی۔

’’Preconceive میں اسے بننے والے کوئی الفاظ بتائیں۔‘‘

’’اپنے جینئس انکل سے پوچھو۔‘‘ وہ اس کی طرف نظر ڈالے بغیر بولا تو وہ ہنستے ہوئے کہنے لگی۔

’’آپ انکل سے جیلس ہورہے ہیں؟‘‘ وہ اس کی بات کے جواب میں دانت پیستا ہوا دھیمی آواز میں بولا۔

’’تمہیں تو میں بعد میں بتائوں گا۔‘‘ انکل ان دونوں کی سرگوشیانہ گفتگو سے لا تعلق میچ دیکھنے میں مگن تھے۔ ان دونوں کی میچ میں اتنی دلچسپی دیکھ کر وہ وہاں سے کھڑی ہوگئی اور یونہی چہل قدمی کرتے ہوئے کچن تک آگئی۔ یہاں آکر خیال آیا بور ہونے سے بہتر ہے کچھ پکا لیا جائے۔ دوپہر کے کھانے کی تیاری کرتا شاہد جلدی جلدی کام نمٹانے کی کوشش کر رہا تھا۔شاید اس کا انٹرسٹ بھی میچ ہی میں تھا۔ اس نے شاہد کو کچن سے فارغ کیا اور خود کچھ پکانے کے بارے میں سوچنے لگی۔ چکن کڑھائی کے لےے پیاز کاٹتے ہوئے وہ زور و شور سے آنسو بہارہی تھی۔ جب اویس کچن میں داخل ہوا۔

’’کیا ہوا۔؟‘‘وہ ایک دم تشویش میں مبتلا ہو کر اس کی طرف بڑھا تھا۔

’’کچھ نہیں ہوا، پیاز کاٹ رہی ہوں۔‘‘ وہ شرٹ کی آستین سے آنسو صاف کرتے ہوئے بولی۔

’’اتنے اسٹوپڈ کام کرنے کی ضرورت کیا ہے۔ چھوڑو اسے۔‘‘ وہ اس کے ہاتھ سے پیاز لے کر رکھنے لگا۔

’’کیا ہے، خود تو میچ دیکھ رہے ہیں۔ میں اکیلی بور ہورہی ہوں۔‘‘ وہ ناراضگی سے بولی۔

’’اچھا تم آئو تو سہی۔ اب بور نہیں ہونے دوں گا۔ آئو تمہیں preconceive سے بہت سے لفظ بنوائوں۔‘‘ وہ اسے اصرار سے چلنے کے لےے کہنے لگا۔

’’اب میرا موڈ کھانا پکانے کا بن چکا ہے اور اب میں یہاں سے چکن کڑھائی پکا کر ہی نکلوں گی آپ جائیں۔‘‘ وہ فیصلہ کن انداز میں بولی تو وہ کندھے اچکا کر اسے اس کے حال پر چھوڑ کر واپس لائونج میں چلا گیا۔ چکن چڑھ گئی تو وہ کل ہی ایک اٹالین شیف کی ٹی وی پر سکھائی گئی اٹالین اسٹائل کی سلاد بنانے لگی۔ لائونج سے تھوڑی تھوڑی دیر بعد انکل اور اویس کی آوازیں بھی آرہی تھیں وہ میچ پر رواں تبصرہ کر رہے تھے۔

وہ تمام کاموں سے فارغ ہوئی تو دو بج رہے تھے۔ ان لوگوں کو تو شاید کرکٹ کی دھن میں کھانا، کھانا بھول گیا تھا۔ لیکن خود اسے بڑی سخت بھوک لگ رہی تھی۔ اس لےے جلدی جلدی کھانا، لگانا شروع کر دیا۔ کھانا لگ گیا تو انہیں بلانے کے لےے آگئی ’’کیا پک رہا ہے۔ بھئی بڑی زبردست خوشبو آرہی ہے۔‘‘ انکل نے اسے دیکھ کر کہا۔

’’آپ کھا کر بتائےے گا۔‘‘ وہ باہر ہوتی ہوئی بارش دیکھ کر دروازے کے پاس آکر کھڑی ہوگئی۔ دو تین منٹ تک باہر کا نظارہ کرنے کے بعد ان سے بولی۔

’’انکل مجھے بھوک لگ رہی ہے۔‘‘ و ہ اسے چمکارتے ہوئے کہنے لگے۔

’’شاہد سے کہو کھانا لگانے کے لےے۔‘‘ اس کی طرف دیکھے بغیر انہوں نے جواب دیا تو وہ بری طرح چڑ کر آگے بڑھی اور ٹی وی آف کر دیا۔ اس کی اس حرکت پر انکل ہنستے ہوئے کھڑے ہوگئے۔ اویس تو پہلے ہی اٹھ کر شاید ہاتھ دھونے جا چکا تھا۔ ڈائننگ ٹیبل پر کرسیاں سنبھال کر انکل نے حیرت کا اظہار کیا۔

’’اتنی جلدی تم نے اتنی چیزیں بنالیں یہ کڑھائی سلاد اور ویجیٹیبل رائس۔‘‘

’’جی ہاں دیکھ لیں میں کتنی سگھڑ اور سلیقہ مند ہوں۔‘‘ وہ اپنی تعریف کرنے لگی۔ اویس اس ستائش نامے سے بے نیاز اپنی پلٹ میں سلاد ڈال کر کھانا شروع ہوگیا تھا۔ اس نے اور انکل نے بھی کھانا شروع کر دیا۔ اویس پلیٹ میں چاول ڈالنے لگاتو انکل اسے ٹوکتے ہوئے بولے۔

’’سلاد اور لو بے چاری نے اتنی محنت سے تمہاری وجہ سے بنائی ہے۔‘‘ ان کی آنکھوں سے جھانکتی شرارت اسے حسب معمول نروس کرنے کے لےے کافی تھی۔ اویس نے ایک نظر اس کے چہرے پر ڈالی اور ان سے بولا۔

’’شکر ہے کچھ تو میرے لےے بھی ہے۔ ورنہ یہاں تو ہر بات انکل سے شروع ہو کر انکل ہی پر ختم ہوجاتی ہے۔‘‘  اس کی بات کے جواب میں ان کا قہقہہ بڑا بے ساختہ تھا۔

’’اجالا کچھ جلنے کی بو نہیں آرہی آس پاس سے؟‘‘ انہوں نے اس گفتگو میں اسے بھی شامل کرنے کی کوشش کی۔ وہ ان دونوں کی نظریں اپنے چہرے پر مرکوز محسو س کر کے کچھ جھنجھلا گئی۔ ایک تو یہ ان دادا پوتے کی بہت بری عادت ہے کہ دونوں ہی بلا کے منہ پھٹ ہیں۔

’’جلنے کی نہیں بیک ہونے کی آرہی ہے۔ میں اوون میں brownies بیک ہونے کے لےے رکھ کر آئی ہوں۔‘‘ اس نے اپنے چہرے کے تاثرات کو سنجیدہ بناتے ہوئے کچھ دیر پہلے کی معنی خیز فضا کا تاثر ختم کرنے کی کوشش کی۔ انکل بے اختیار ہنس پڑے تھے جبکہ اویس نے صرف مسکرانے پر اکتفا کیا تھا۔ کھانے سے فارغ ہو کر انکل نے اس سے کافی کی فرمائش کی۔ کافی اور برائونیز ٹرے میں رکھ کر لائی تو وہ دونوں آپس میں کچھ بات چیت کر رہے تھے۔

برائونیز چکھنے کے بعد انکل اس سے کہنے لگے ’’تم اچھی طرح ہماری عادتیں خراب کروادو۔ پہلے ہی شاہد کے پکائے ہوئے کھانے کچھ اتنے اچھے نہیں لگتے تھے لیکن اب تو برداشت سے باہر ہوگئے ہیں۔‘‘

’’اگر آپ معقول معاوضہ دینے کا وعدہ کریں تو میں شاہد کو کھانا پکانا سکھا کر آپ کا یہ مسئلہ حل کر سکتی ہوں۔‘‘ اس نے جواب میں آفر کی۔

’’اس مسئلے کا میں نے ایک اور حل سوچ رکھا ہے۔ جس میں یہ معاوضے وغیرہ جیسی زحمت بھی نہیں اٹھانی پڑے گی۔‘‘ انہوں نے سنجیدگی سے کہا۔ وہ سکون سے بیٹھی بغیر ان کی بات پر کوئی رد عمل ظاہر کےے کافی پیتی رہی۔ انکل اس کے سنجیدہ چہرے پہ نظر ڈال کر مسکرا دئےے۔ اویس بڑی خاموسی سے کافی کے سپ لے رہا تھا۔ اپنا کپ خالی کر کے وہ اٹھتے ہوئے بولی ’’اچھا میں چلتی ہوں انکل۔‘‘

’’اتنی جلدی ابھی کچھ دیر تو اور رکو۔‘‘ وہ اصرار کرنے لگے۔

’’جلدی کہاں تین بج گئے ہیں۔‘‘ وہ گھڑی کی طرف دیکھتے ہوئے بولی۔

’’گاڑی لائی ہو؟‘‘ انکل نے اس خیال سے پوچھ لیا کہ وہ اکثر پیدل بھی آجایا کرتی تھی۔

’’نہیں! اتنا اچھا موسم ہورہا تھا میں واک کرتے ہوئے آئی تھی۔‘‘ اویس اس کی طرف دیکھتا ہوا کھڑا ہو کر بولا۔

’’بارش ہورہی ہے میں چھوڑ آتا ہوں۔‘‘ وہ سیڑھیاں چڑھ کر اوپر شاید گاڑی کی چابی لینے اپنے کمرے میں گیا تھا۔ وہ اس کی آفر کے جواب میں دوبارہ انکل کے برابر میں بیٹھ گئی۔

’’تم نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ کوئی بھی بات مجھ سے نہیں چھپائو گی۔‘‘ انکل نے اسے مخاطب کیا تو وہ فوراً بول پڑی۔

’’میں نے آپ سے کوئی بات نہیں چھپائی۔‘‘

’’اچھا کھائو قسم کہ تم نے مجھ سے کوئی بات نہیں چھپائی۔‘‘ ا سکا دل بہت تیز دھڑکنے لگا تھا۔ انکل کے سامنے ایسی کسی بات کا اقرار کرنا اس کے لےے جان جوکھوں کا کام تھا۔ وہ اس کے چہرے کو بغور دیکھتے ہوئے کچھ روٹھے لہجے میں بولے۔

’’اگرچہ کہ یہ میرے دل کی دیرینہ خواہش تھی۔ مگر تم نے اسے مجھ سے سیکرٹ رکھ کر میرا دل دکھایا ہے۔‘‘

’’انکل پلیز ناراض مت ہوں۔‘‘ وہ انہیں ناراض کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکتی تھی۔ اس کے پریشان حال چہرے پر نظر پڑی تو کچھ نرم پڑتے ہوئے بولے۔

’’اویس اچھا ہے نا، سب سے اچھا۔‘‘ اور جواب میں اس نے گردن ہلادی تھی۔ اسی وقت وہ واپس آگیا تھا۔ انکل کو اللہ حافظ کہہ کر وہ اس کے ساتھ باہر نکلی تو بارش کچھ ہلکی ہوچکی تھی۔ وہ موسم کی خوب صورتی اور رعنائی محسوس کرتے ہوئے اس سے بولی۔

’’اتنا اچھا موسم ہورہا ہے۔ آپ رہنے دیں میں پیدل ہی چلی جائوں گی۔‘‘ وہ گاڑی کا لاک کھولتا ہوا اس کی طرف گھوما۔

’’محترمہ یہ دسمبر کی بارش ہے۔ بیمار پڑنے کا زیادہ ہی شوق ہورہا ہے۔‘‘

’’کوئی نہیں میں بیمار ہوتی۔ اس موسم کو انجوائے نہ کرنا اعلیٰ درجے کی بد ذوقی ہے۔‘‘ وہ اس کی تردید کرتی پرزور انداز میں بولی تھی۔ ’’آپ بڑے نازک مزاج ہیں۔ میں تو کبھی بارش میں بھیگ کر بیمار نہیں ہوئی۔‘‘ اپنے لےے نازک مزاجی کے طعنے پر وہ ہنس پڑا تھا۔

’’میں تو تمہاری وجہ سے کہہ رہا تھا۔ خیر جیسی تمہاری مرضی۔‘‘ وہ گاڑی کا دروازہ واپس بند کرتا ہوا گیٹ کی طرف بڑھا۔اس کے ساتھ وہ بھی گیٹ سے نکل آیا اور اس کی حیرت کے جواب میں بولا۔

’’آخر مجھے ظاہر بھی تو کرنا ہے کہ میں نازک مزاج نہیں ہوں۔‘‘ اس کی بات پر وہ ہنس پڑی تھی۔ بارش میں بھیگتے ہوئے قدم سے قدم ملائے وہ دونوں خاموشی سے چل رہے تھے۔ پاس سے گزرتے walls والے کو دیکھ کر وہ حیران ہوتے ہوئے بولی۔

’’اتنی سردی میں آئس کریم کون کھائے؟‘‘

’’اسی موسم میں تو آئس کریم کھانے کا مزہ ہے۔‘‘ اس نے فوراً تردید کی تھی۔ پھر اس کی طرف دیکھتے ہوئے بولا۔

’’آئس کریم کھائو گی؟‘‘ اس کے جواب کا انتظار کےے بغیر اس نے walls والے کو روک کر ایک cornetto خرید لی۔ وہ خاموشی سے اسے دیکھ رہی تھی۔

’’گھر سے چلتے ہوئے والٹ لینا یاد ہی نہیں رہا۔ افسوس میری جیب میں صرف اتنے روپے ہی تھے کہ ایک ہی آئس کریم خریدی جاسکے۔‘‘ وہ اس کے غربت بھرے بیان سے متاثر ہوتے بولی۔

’’میرے پاس ہیں پیسے۔ ایک اور لے لیں۔‘‘

’’اب میں اتنا گیا گزرا بھی نہیں ہوں کہ تمہیں پچیس تیس روپے کی آئس کریم بھی تمہارے ہی پیسوں سے کھلوائوں۔‘‘ وہ کچھ برا مان کر بولا۔ پھر کون اس کے ہاتھ میں پکڑاتا ہوا بولا۔

’’لو کھائو۔‘‘ اس کے ہاتھ سے کون لے کر وہ ایسے ہی چلتی رہی تو وہ ٹوک کر بولا۔

’’تم کھا کیوں نہیں رہیں۔ پگھل جائے گی۔‘‘ اس نے ریپر اتار رک کون کھانی شروع کی۔ وہ اپنے چہرے پر سے بارش کا پانی صاف کرتا ہوا بولا۔

’’یہ صرف آپ کے لےے نہیں خریدی ہے۔ اسے ہم دونوں نے شیئر کرنا ہے۔ اتنی دیر سے انتظار کر رہا ہوں کہ اب مجھے دوگی اب دو گی۔‘‘ اس کی بات پر وہ ہونق ہو کر اس کی شکل دیکھنے لگی جبکہ وہ اس کے ہاتھ سے کون لے کر آرام سے کھانے لگا۔ دو تین بائٹس لے کر کون واپس اس کے ہاتھ میں پکڑانے لگا تو وہ کچھ جھجک کر بولی۔

’’آپ کھالیں میرا تو ویسے بھی زیادہ دل نہیں چاہ رہا تھا۔‘‘ اس کی اس حرکت پر وہ بہت عجیب سا محسوس کر رہی تھی۔ وہ کوئی جواب دےے بغیر کون اس کی طرف بڑھائے چلتے چلتے رک گیا۔ اسے رکتا دیکھ کر وہ بھی رک گئی۔ اس کے مسلسل بڑھے ہوئے ہاتھ کو دیکھ کر اس نے خاموشی سے کون پکڑلی تو وہ دوبارہ چلنے لگا۔

’’مجھے کوئی چھوت کی بیماری نہیں ہے جو میرا جھوٹا کھانے سے آپ کو بھی لگ جائے۔‘‘ اس کے نہ کھانے پر وہ چڑ کر بولا۔

 اس کی ناراضگی سے ڈر کر اس نے ایک بائٹ لے لی۔ تھوڑی دیر بعد اویس نے خود ہی اس کے ہاتھ سے کون لے لی اور تھوڑی سی کھا کر واپس اس کے ہاتھ میں پکڑائی تو سر جھکا کر بنا کچھ کہے اس نے کون لے لی۔ سارے راستے یہی تماشا ہوتا رہا۔ اس کے ہاتھ سے کون لے کر تھوڑی سی کھاتا اور پھر اسے پکڑا دیتا۔ وہ مجبوراً سر جھکا کر ایک آدھ بائٹ لے لیتی۔ آج کا موسم انجوائے کرنا اسے خاصا مہنگا پڑا تھا۔ اس کے گھر کی سڑک پر مڑے تو اللہ اللہ کر کے کون ختم ہوئی اور اس نے دل ہی دل میں شکر ادا کیا۔ وہ چپ چاپ سر جھکائے چل رہی تھی۔ گیٹ کے سامنے رکے تو وہ اس سے بولا۔

’’چیونگ گم کھائو گی؟‘‘ وہ فوراً انکار میں گردن ہلاگئی۔ کیا پتا اسے بھی شیئر کرنا پڑے۔ وہ اس کے فوراً انکار کرنے پر ہنس پڑا تھا۔ ’’نہیں اسے شیئر نہیں کرنا۔ وہ پوری کی پوری تمہاری ہے۔‘‘ پھر اس کے  جواب کا انتظار کےے بغیر اس نے جیب میں ہاتھ ڈال کر اپنا والٹ نکالا تو وہ ساری شرم و حیا بالائے طاق رکھ کر چلائی۔

’’ آپ نے مجھ سے جھوٹ بولا تھا۔‘‘

وہ مسکراتے ہوئے سر ہلا گیا۔ ’’آئندہ میں آپ کی کسی بات کا یقین نہیں کروں گی۔‘‘ وہ اس کے ہاتھ میں پکڑی چیونگ گم کو نظر انداز کرتی گیٹ میں گھسنے لگی تو وہ اس کا ہاتھ پکڑ کر بولا۔

’’تمہاری خاطر اتنی دور تک پیدل چل کر بھیگتا ہوا آیا ہوں اور تم۔۔۔‘‘ وہ اس کی بات کاٹ کر ناراض لہجے میں بولی۔

’’میں انکل سے آپ کی شکایت کروں گی۔‘‘ اس کے بے ساختہ قہقہے نے اپنی حماقت کا احساس دلایا تو وہ بغیر کچھ کہے گیٹ میں گھس گئی۔

٭٭٭

رات وہ سونے کے لےے لیٹنے لگی جب دستک دے کر دعا اندر چلی آئی۔ دعا کو اپنے کمرے میں آتا دیکھ کر وہ بری طرح حیران ہوئی تھی۔ دعا کے اور اس کے کبھی بھی دوستانہ تعلقات نہیں رہے تھے۔ گو وہ کبھی آپس میں لڑی بھی نہیں تھیں مگر ان کے بیچ صرف اجنبیت اور غیریت کا رشتہ تھا۔

’’تم سو تو نہیں رہی تھیں؟‘‘ وہ اس کے سامنے کرسی پر بیٹھتے ہوئے بولی۔

’’ہاں! اب سوچ ہی رہی تھی کہ سوجائوں لیکن خیر تم بتائو کوئی کام ہے مجھ سے؟‘‘ وہ اپنی حیرت چھپانے کی کوئی کوشش کےے بغیر بولی۔ دعا بڑے غور سے اس کی طرف دیکھ رہی تھی۔ اسے دعا کے اس طرح دیکھنے کے انداز پر کچھ کوفت محسوس ہونے لگی۔ وہ اپنی آنکھیں اس پر جمائے پتا نہیں اس کے چہرے پر موجود کیا چیز پڑھ لینا چاہتی تھی۔

’’تمہاری نالج میں تو یقینا یہ بات ہوگی کہ اویس کا پرپوزل آیا ہے تمہارے لےے۔‘‘ دعا کے اس جملے پر اس کا دل بڑی بے ترتیبی سے دھڑکنے لگا۔ بے اختیار اس کا سر جھک گیا تھا۔ اسے دعا کے سامنے کسی سولہ سترہ سال کی کم عمر دو شیزہ کی طرح شرمانا لجانا اچھا نہیں لگ رہا تھا لیکن یہ خبر اتنی اچانک تھی کہ وہ اپنے تاثرات چھپا نہیں پارہی تھی۔ دعا بڑی سنجیدگی کے ساتھ اس کی طرف دیکھ رہی تھی۔

’’تمہارے تاثرات سے تو ایسا لگ رہا ہے جیسے تمہیں اس بات کا پہلے سے پتا نہیں تھا۔‘‘ وہ اس کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے بولی۔

’’ہاں! انکل نے مجھ سے اس بارے میں کچھ بھی نہیں کہا تھا۔ کب آئے تھے انکل۔‘‘ وہ اپنی عادت کے برخلاف اپنے گھر کے کسی فرد کے ساتھ تفصیلی گفتگو کرنے کے موڈ میں نظر آرہی تھی۔

’’آج آئے تھے شام میں۔ تم اس وقت گھر پر نہیں تھیں۔ ممی ڈیڈی تو اس پرپوزل پر بہت خوش ہیں۔ جسے صرف ڈنر پر انوائٹ کرنے کے لےے ڈیڈی اتنے بے تاب تھے اس سے رشتے داری پر تو وہ خوشی سے پاگل ہورہے ہیں۔‘‘ وہ اپنی خوشی میں مگن دعا کے استہزائیہ انداز پر کچھ خاص توجہ نہ دے سکی۔

’’بڑے بے ایمان ہیں انکل، کل مجھے ملے تھے اور بتایا بھی نہیں کہ آج آنے والے ہیں اگر بتا دیتے تو میں گھر پر رک جاتی‘‘ وہ چہرے پر حیا آلود تبسم لےے سوچ رہی تھی۔ دعا کچھ دیر خاموشی سے بیٹھی اس کی طرف دیکھتی رہی پھر بولی۔

’’پتا نہیں مجھے یہ بات تمہیں بتانی چاہےے یا نہیں لیکن میں تمہیں اس طرح بے وقوف بنتا ہوا مزید نہیں دیکھ سکتی۔ تم مانو یا نہ مانو آفٹر آل تم میری بہن ہو اور کوئی تمہاری انسلٹ کرے یہ میں برداشت نہیں کر سکتی۔‘‘ دعا کے سنجیدہ لہجے پر وہ پہلی بار چونکی تھی۔ اس کے استفہامیہ انداز پر وہ کچھ افسوس بھرے انداز میں بولی۔

’’میں نے تمہیں پہلے بھی بتانا چاہا تھا لیکن تم نے میری بات سننا گوارا ہی نہیں کی تھی۔ اب بھی تمہاری مرضی ہے چاہو تو میری بات پر یقین کرو چاہو تو مت کرو۔ میرے اند رکی بے چینی تو ختم ہوجائے گی کہ میں نے تمہیں اصل حالات سے آگاہ نہیں کیا۔‘‘ وہ اس کے انداز پر اندر ہی اندر کچھ خائف ہوتی ہوئی بولی۔

’’تم کیا کہنا چاہتی ہو صاف صاف کہو۔ پہیلیاں بجھوانے کی کوشش مت کرو۔‘‘ وہ اپنے اندر کا خوف اس پر ظاہر کےے بغیر مضبوط لہجے میں بولی۔

’’اویس تمہیں بے وقوف بنا رہا ہے۔وہ تمہارے ساتھ کبھی بھی سیریس نہیں تھا۔‘‘ دعا کی اس بات پر اس کا غصے کے مارے برا حال ہوگیا۔

’’جو بیوقوف بناتے ہیں غالباً وہ گھر پر رشتہ نہیں بھجواتے۔‘‘ وہ بڑے طنزیہ انداز میں بولی تھی۔

’’اگر تمہیں اسی قسم کی بکواس کر کے مجھے اویس سے بد ظن کرنے کی کوئی بے ہودہ کرشش کرنی ہے تو پلیز اپنا وقت برباد مت کرو۔‘‘ اس کی بات پر دعا کرسی سے کھڑی ہوگئی۔

’’یہ رشتہ اس کی مرضی سے نہیں آیا تمہاری طرح اس کے گرینڈ فادر کو بھی یہ غلط فہمی ہوگئی تھی کہ وہ تمہیں پسند کرتا ہے۔ آج ان کے بعد میں اویس سے ملی اور اس سے بہت لڑی بھی کہ تمہیں ساری دنیا میں فلرٹ کرنے کے لےے میری ہی بہن ملی تھی تو وہ کہنے لگا کہ اسے اس پرپوزل کا کچھ نہیں پتا تھا اور وہ تو صرف مجھے جلانے کے لےے تم سے اتنی بے تکلفی سے ملتا تھا۔ میں نے تمہیں بتایا تھا نا کہ میں اسے پہلے سے جانتی ہوں۔ جب ہی ہماری اچھی خاصی انڈر اسٹینڈنگ ہوگئی تھی۔ پھر مجھے اس کے بارے میں فائزہ سے اور کچھ دوسرے لوگوں سے اس قسم کی معلومات ملیں کہ وہ فلرٹ ہے تو میں اس سے دور ہوگئی۔ اس نے مجھ سے ملنے اور بات کرنے کی بہت کوشش کی لیکن میں نے انکار کر دیا۔ انہیں دنوں میں نے تمہیں اس کے ساتھ فون پر بات کرتے دیکھا تو میں حیران رہ گئی۔ میری سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ وہ تم میں اتنی دلچسپی کیوں لے رہا ہے۔ تمہیں گفٹ بھجوائے جارہے ہیں، تمہیں بارش میں بھیگتے ہوئے یہاں چھوڑ کر جایا جارہا ہے لیکن میں چپ رہی۔ میری سمجھ میں یہ بات نہیں آئی تھی کہ وہ ایسا مجھے جیلس کرنے کے لےے کر رہا ہے۔ آج پرپوزل والی بات پر میں بہت ہی غصے میں اس سے ملی تو وہ پرپوزل کے بارے میں لا علمی کا اظہار کر کے کہنے لگا کہ اسے ایک طلاق یافتہ لڑکی جسے اس کی کزن نے چھوڑ دیا ہو سے کوئی دلچسپی نہیں اور وہ اپنے گرینڈ فادر کو فورس کرے گا  کہ وہ اس پرپوزل کو واپس لیں اور میرے لےے بات کریں۔ دونوں دادا پوتے میں اچھا خاصا جھگڑا ہوا ہے۔ دونوں میں خاصی بحث ہوئی ہے اس بات پر۔ پتا نہیں اب یہ کیا صورت اختیار کرے۔‘‘ دعا بڑے پرسکون انداز میں اپنی بات مکمل کر کے اس کی طرف ایک سرسری سی نگاہ ڈالتی ہوئی کمرے سے نکل گئی۔

وہ کچھ گم صم سی سکتے کی کیفیت میں بیٹھی ہوئی تھی۔ ’’وہ کبھی بھی میرے بارے میں اس طرح کی بات نہیں کہہ سکتا۔ طلاق یافتہ لڑکی جسے اس کے کزن نے چھوڑ دیا ہو۔‘‘ دعا کے منہ سے سنے گئے ان تکلیف دہ الفاظ کے بارے میں وہ کبھی بھی ماننے کے لےے تیار نہ تھی کہ ایسی بات وہ کہہ سکتا ہے۔ اس کی آنکھیں کبھی بھی جھوٹ نہیں بول سکتیں۔ میں نے ان میں ہمیشہ اپنے لےے عزت اور محبت دیکھی ہے۔ کچھ جذبے ایسے ہوتے ہیں جنہیں کسی اظہار کی ضرورت نہیں ہوتی جو بنا کہے سمجھ لےے جاتے ہیں۔ اگر اس نے مجھ سے براہ راست محبت کا اظہار نہیں کیا تو کیا میں بغیر کہے اتنا بھی نہیں سمجھ سکتی کہ وہ مجھ سے محبت کرتا ہے۔ میں اس کے لےے بہت اہم ہوں۔ دعا کی کسی بھی بکواس پر میں ہر گز بھی یقین نہیں کروں گی بلکہ مجھے اس کی اتنی فضول باتوں پر خاموشی اختیار کرنے کے بجائے اس کا دماغ ٹھیک کر دینا چاہےے تھا۔ آخر کیا سمجھ کر وہ مجھے اویس کے بارے میں بدگمان کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ سونے سے پہلے تک وہ اسی قسم کی باتیں سوچتی رہی تھی۔

٭٭٭

دعا کی کسی بھی بات پر یقین نہ کرنے کے عزم کے باوجود اسے ایک عجیب سی بے چینی لاحق تھی۔ سارا دن ایک اضطراب اور مسلسل پریشانی کے عالم میں گزار کر وہ بلاخر شام میں ان کے گھر چلی آئی۔ اسے نہیں پتا تھا کہ وہ اپنی پریشانی کا اظہار اویس یا انکل کے سامنے کس طرح کرے گی لیکن وہ یہ بھی جانتی تھی کہ اسی گھر کے مکینوں نے اب تک اس کی ہر پریشانی اور دکھ میں اس کا ساتھ دیا ہے اور ان کے سوا وہ دنیا میں کسی پر بھی اعتبار نہیں کر سکتی۔ گاڑی گیٹ سے باہر ہی چھوڑ کر وہ اندر چلی آئی۔ لان میں بیٹھے اویس اور دعا کو دیکھ کر وہ ایک لمحے کو اپنی جگہ سن ہو کر رہ گئی۔ لان چیئرز پر بیٹھے وہ دونوں آپس میں کچھ بات کر رہے تھے۔ اویس کی اس طرف پشت تھی جبکہ دعا کا منہ اسی طرف تھا لیکن باتوں میں مگن اس نے اسے اس طرف آتے ہوئے نہیں دیکھا تھا۔ وہ جیسے کسی طاقت کے زیر اثر چلتی ہوئی اسی طرف بڑھ رہ تھی۔ ان دونوں میں سے کسی نے بھی اس کے قدموں کی چاپ نہیں سنی تھی۔ دعا بڑے جذبے سے کہہ رہی تھی۔

’’مجھے آپ اسی دن سے اچھے لگتے ہیں جب آپ آئی بی اے میں ہم لوگوں کو لیکچر دینے آئے تھے۔ حالانکہ کتنے ہی لوگ مجھ سے دوستی کرنے اور بات کرنے کے لئےے ترستے رہتے ہیں مگر ان میں سے کسی کو بھی لفٹ نہیں کراتی۔ آپ تو سب سے مختلف ہیں لیکن پتا نہیں یہ اجالا ہمارے درمیان کہاں سے آگئی تھی۔‘‘ اس کی بات کے جواب میں کچھ کہنے کے لےے لب کھولتے ہوئے اسے کسی کی موجودگی کا احساس ہوا تو فوراً سر گھما کر پیچھے کی طرف نظر ڈالی۔ چند قدموں کے فاصلے پر کھڑی اجالا کو دیکھ کر وہ ایک دم سے کھڑا ہوتا ہوا بولا۔

’’اجالا! تم۔ آئو بیٹھو، کھڑی کیوں ہو؟‘‘ کسی قسم کے احساس ندامت یا شرمندگی کے بغیر وہ اس سے مخاطب تھا۔ اس کے چہرے پر نہ تو بوکھلاہٹ نظر آرہی تھی نہ اپنا آپ ظاہر ہوجانے پر وہ نروس ہوتا ہوا یا گھبرایا ہوا نظر آرہا تھا۔ اسے اپنے یہاں زندہ سلامت کھڑے رہنے پر خود پر حیرت ہورہی تھی۔ وہ اس کی بات کے جواب میں کچھ بھی کہے بغیر الٹے قدموں پیچھے کی طرف بڑھ رہی تھی۔ منہ پر ہاتھ رکھے جیسے اپنی چیخ کی آواز کو دبا لینا چاہتی ہو۔ وہ اس کے چہرے پر موجود تاثرات سے کچھ خائف ہوتا ہوا تیزی سے اس کی طرف بڑھا تو وہ پوری رفتار سے بھاگتی ہوئی گیٹ کی طرف جانے لگی۔

’’اجالا رکو میری بات سنو۔‘‘ وہ بے اختیار اسے پکارتا ہوا اس کے پیچھے لپکا۔ وہ اپنے تعاقب میں آتی اس آواز کو اب زندگی میں دوبارہ کبھی سننا نہیں چاہتی تھی۔ آنسو ایک تواتر سے بہہ رہے تھے اور وہ اپنی سسکیوں کو دباتی اندھا دھند بھاگ رہی تھی۔ دوچار لمبے لمبے قدم اٹھاتا وہ اس تک پہنچ گیا تھا اور ایک جھٹکے سے اس کا رخ اپنی طرف کر کے بولا تھا۔

’’کیا ہوگیا ہے تمہیں؟‘‘

’’Don’t touch me‘‘ اس کا ہاتھ نفرت سے جھٹکتے ہوئے وہ غصے سے پھنکاری تھی۔ دعا بھی اٹھ کر ان دونوں کے پیچھے چلی آئی تھی اور بڑی خاموشی سے الگ تھلگ کھڑی یہ تماشا دیکھ رہی تھی۔

’’میں تم سے دوستی کرلوں تم مجھے اپنا جیسا بنا دو گے۔ یہی کہا تھا تم نے۔ افسوس میں کبھی بھی تم لوگوں جیسی نہیں بن سکی۔ یہ دنیا میرے جیسے لوگوں کے لےے نہیں بنی۔ یہ تو تمہارے، خالد، سعود اور دعا جیسے لوگوں کے لےے ہے۔ میں تو یہاں مس فٹ ہوں۔‘‘ وہ آنسو بہاتے ہوئے چیخی تھی۔

’’اجالا تمہیں پتا نہیں کیا غلط فہمی ہورہی ہے۔ پلیز آرام سے بیٹھ کر میری بات سنو۔‘‘ وہ اس کے ہاتھ تھامتا ہوا بڑی بے بسی سے بولا تھا۔

’’کیا سنوں یہی کہ مجھے ایک مرتبہ پھر استعمال کیا گیا ہے۔ تم نے میرے ساتھ وہی سب کیا جو اوروں نے کیا تھا۔ تم نے بھی مجھے ایک catspaw ہی سمجھا۔ کیوں آخر کیوں میں نے تمہارا کیا بگاڑا تھا۔ کیا برا کیا تھا میں نے جس کی مجھے یہ سزا ملی۔‘‘ وہ اس کا ہاتھ ہٹاتے ہوئے ہسٹریک ہو کر چلائی تھی۔

’’اجالا تم مجھے ہرٹ کر رہی ہو۔ تمہیں کوئی حق نہیں پہنچتا کہ تم میرے جذبوں کا یوں مذاق اڑائو۔ میں نے ہمیشہ تم سے محبت کی ہے، تمہاری عزت کی ہے۔‘‘ وہ ناراضگی بھرے انداز میں اسے دیکھتا ہوا بولا تھا۔ اس کی آنکھوں سے جھلکتی خفگی اور ناراضگی کو کوئی اہمیت دےے بغیر وہ اپنے آنسوئوں کو بے دردی سے صاف کرتے ہوئے ہنسی تھی۔

’’محبت اور وہ بھی ایک طلاق یافتہ لڑکی سے۔ جسے اس کے کزن نے ٹھکرا دیا ہو۔ جھوٹ ایسا تو بولو جو نبھ جائے۔ یہ کہو کہ تم نے میرے ساتھ فلرٹ کیا تھا۔ مجھے استعمال کیا تھا۔‘‘

’’تم میرے ساتھ زیادتی کر رہی ہو۔ مجھے بولنے کا موقع دئےے بغیر تم میرے اوپر اتنے واہیات الزام لگا رہی ہو۔اپنے کردار پر کوئی بات چاہے وہ تم ہی کیوں نہ کر رہی ہو میں کبھی بھی برداشت نہیں کروں گا۔‘‘ اب کے وہ بھی چلایا تھا۔

’’کردار؟ تمہارا کوئی کردار ہے بھی۔‘‘ وہ طنزیہ انداز میں بولی تھی۔ اور بے اختیار اسے تھپڑ مارنے کے لےے اپنا ہاتھ اٹھاتے اٹھاتے اس نے خود کو بمشکل روکا تھا۔ وہ اس کے غیض و غضب سے معمور چہرے پر نظر ڈالتے ہوئے بولی تھی۔

’’مجھ نہیں پتا تم نے اور دعا نے میرے ساتھ کیا گیم کھیلا ہے لیکن بس اتنا ہوا کہ آج کے بعد میں کبھی بھی کسی پر اعتبار نہیں کروں گی۔ بہت مان تھا مجھے خود پر کہ میں انسانوں کو پرکھ سکتی ہوں۔ مجھے سچ اور جھوٹ میں تمیز کرنی آتی ہے لیکن تم نے اویس لودھی آج مجھے ہمیشہ ہمیشہ کے لےے میری اپنی ہی نظروں میں گرادیا ہے۔ تم تو میری محبت کیا نفرت کے قابل بھی نہیں ہو۔‘‘ وہ لب بھینچے اس کی طرف دیکھ رہا تھا۔اس کی تمام بات کے جواب میں وہ کچھ بھی نہیں بولا تھا۔ بس ایک ٹک اس کی طرف دیکھتا رہا تھا۔ کچھ دیر پہلے کہ غضب ناک تاثرات کی جگہ دکھ اور صدمے نے لے لی تھی۔ وہ بڑی مایوسی اور افسردگی سے کھڑا اسے دیکھ رہا تھا۔ وہ ایک نظر اس پر اور ایک دعا پر ڈال کر گیٹ سے باہر نکل گئی تھی۔ اویس نے اسے روکنے یا اس کے پیچھے جانے کی کوئی کوشش نہ کی تھی۔ وہ ویسے ہی چپ چاپ کھڑا ہوا تھا۔

٭٭٭

وہ پتا نہیں کس طرح گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے گھر پہنچی تھی۔ اسے اپنے اعصاب کی اس مضبوطی پر حیرت ہورہی تھی۔ اپنا آپ بڑا ہلکا اور بے وقعت محسوس ہورہا تھا۔ اپنے کمرے میں بند وہ بلک بلک کر اپنی ذلت پر آنسو بہا رہی تھی۔ کیا وہ اتنی ارزاں تھی کہ اتنی آسانی سے کسی کے ہاتھوں بے وقوف بنتی رہی وہ اس کے ساتھ کھیلتا رہا اور وہ اپنے تئیں خود کو بہت سمجھ دار اور دانا سمجھتے ہوئے اس کے ہاتھوںاپنی انسلٹ کرواتی رہی۔ اور اس وقت وہ میری خوش فہمیوں پر دل ہی دل میں کتنا محظوظ ہوتا ہوگا۔ میں ان لوگوں میں سے ہوں جو کبھی بھی نہیں سنبھلتے ہیں۔ ہر بار ٹھوکر کھا کر زخمی ہوتے ہیں چیختے چلاتے ہیں اور پھر دوبارہ ٹھوکر کھانے کے لےے تیار ہوجاتے ہیں۔ کیوں آنکھیں بند کر کے میں اس کا یقین کرتی رہی۔ کیوں میں نے خود کو یوں گرایا۔ آخر کیوں کیوں میں یہ بات بھول گئی کہ میں اور میری تقدیر کبھی نہیں بدل سکتی۔ زندگی تو پہلے بھی سہل نہیں تھی لیکن اب جیسی مشکل بھی نہیں تھی اسے میں نے خود اپنے ہاتھوں اتنا مشکل اور ناقابل قبول کیوں بنالیا۔‘‘ وہ بستر پر اوندھی پڑی سسک رہی تھی۔

’’تم ہنستے ہوئے اچھی لگتی ہو۔‘‘ اسے اپنے پاس ایک سرگوشی سنائی دی تو وہ اٹھ کر بیٹھ گئی۔

’’اوپر سے بڑا سوبر اور لیا دیا نظر آتا ہے۔ اندر سے ایک نمبر کا فلرٹ ہے۔‘‘ ایک اور آواز سنائی دی تھی۔

’’تم اپنے حصے کے تمام دکھ سہہ چکی ہو اور اب زندگی تم پر مہربان ہونے والی ہے۔‘‘ ایک مہربان آواز نے اسے اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ پھر اچانک ایک اور بازگشت سنائی دی تھی۔

’’کیا ہم اچھے دوست نہیں بن سکتے۔ کوئی تمہیں تکلیف دے یا ستائے تو تم اس کا منہ توڑ دو۔ مجھ سے دوستی کر کے دیکھو میںتمہیں بالکل اپنے جیسا بنادوں گا۔‘‘

’’تمہاری طرح اس کے گرینڈ فادر کو بھی یہ غلط فہمی ہوگئی تھی کہ وہ تمہیں پسند کرتا ہے۔ وہ تو صرف مجھے جلانے کے لےے تم سے اتنی بے تکلفی سے ملتا تھا۔‘‘ وہ کانوں پر دونوں ہاتھ رکھے ان آوازوں سے پیچھا چھڑا لینا چاہتی تھی لیکن یہ آوازیں کسی آسیب کی طرح اس کی طرف بڑھ رہی تھیں۔

’’شکر ہے کچھ تو میرے لےے بھی ہو ور نہ یہاں تو ہر بات انکل سے شروع ہو کر انکل ہی پر ختم ہوجاتی ہے۔‘‘

’’اویس اچھا ہے نا سب سے اچھا۔‘‘

’’اسے ایک طلاق یافتہ لڑکی جسے اس کے کزن نے چھوڑ دیا ہو سے کوئی دلچسپی نہیں۔‘‘

’’خدا کے لےے میرا پیچھا چھوڑ دو۔‘‘ وہ چلائی تھی اور پھر دوبارہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی تھی۔

٭٭٭

وہ پوری رات اور اگلا پورا دن اپنے کمرے میں بند رہی تھی۔ ملازمہ آکر ناک کر کے کھانے کے لےے بلا کر گئی تھی مگر وہ کوئی جواب دےے بغیر ویسے ہی پڑی رہی تھی۔ شام میں ممی اس کے بیڈ روم میں آئی تھیں۔ ان کے آواز دینے پر اس نے اٹھ کر کمرے کا لاک کھولا تھا۔

’’کیا بات ہے تمہاری طبیعت تو ٹھیک ہے۔ اسکول بھی نہیں گئیں اور کھانے کے لےے بھی نہیں آئیں۔‘‘ وہ اس کے ستے ہوئے چہرے کو بغور دیکھتے ہوئے بولیں۔

’’جی کچھ بخا رتھا اس لےے۔‘‘ وہ سر جھکا کر جواب دیتی دوبارہ بیڈ پر بیٹھ گئی تو وہ بھی اس کے سامنے بیڈ پر بیٹھتے ہوئے بولیں۔

’’کوئی دوا لی۔‘‘ وہ اپنے لےے ان کی تشویش پر تعجب سے ان کی طرف دیکھتے ہوئے بولی۔ ’’میں ٹھیک ہوں آپ فکر مت کریں۔‘‘

’’کیسے فکر نہ کروں تم اتنی چپ چپ اور سب سے الگ تھلگ جو رہتی ہو۔ بیٹا گھر والوں کے ساتھ گھل مل کر اور ایک ساتھ رہا کرو۔‘‘ وہ اس کے ہاتھ اپنے ہاتھوں میں لیتے ہوئے بولی تھیں۔ اس کے چہرے پر موجود تاثرات سے نظریں چراتے ہوئے وہ کچھ شرمندگی سے بولیں۔

’’مجھے پتا ہے تم مجھ سے ناراض ہو۔ تم سمجھتی ہو میں نے جان بوجھ کر تمہارا خالد سے نکاح کروایا تھا۔ بلیو می سوئٹ ہارٹ میں تمہاری ماں ہوں میں نے کبھی بھی تمہارا برا نہیں چاہا۔ جو کچھ ہوا میں نے ایسا کبھی بھی نہیں چاہا تھا۔ کیا میں نے تمہیں اپنی کوکھ سے جنم نہیں دیا۔ مجھے تم بھی اتنی ہی عزیز ہو جتنے تمہارے باقی بہن بھائی۔ ہاں! میں تمہیں کبھی زیادہ توجہ نہ دے سکی۔ یہ بات میں مانتی ہوں لیکن مجھے تم سے بہت پیار ہے۔ تم تو میری بہت پیاری بیٹی ہو۔‘‘ وہ اس کا سر اپنے کندھے سے لگاتے ہوئے بولی تھیں۔

بعض محبتیں ہمیں زندگی میں اس وقت ملتی ہیں جب ہمیں ان کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی۔ ممی کتنی بھی چاہت ظاہر کریں کیا ان کی چاہت اس آٹھ سال کی معصوم بچی کو واپس لا سکتی ہے جو ان کی ایک نگاہ التفات کے لےے کچھ بھی کر گزرنے کو تیار رہا کرتی تھی۔ کچھ خوشیاں جب اپنے وقت پر نہیں ملتیں تو پھر بعد میں وہ ملیں نہ ملیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

وہ سپاٹ چہرے کے ساتھ ان کا والہانہ انداز دیکھ رہی تھی جبکہ وہ بڑی خوشگوار مسکراہٹ چہرے پر لاتے ہوئے کہہ رہی تھیں۔

’’تمہارے لےے اویس لودھی کا پرپوزل آیا ہے۔ مبشر صاحب خود بنفس نفیس یہاں آئے اور بری چاہت سے تمہارا رشتہ مانگا ہے۔ وہ خالد کم ظرف ہرگز بھی تمہارے لائق نہ تھا۔ میری بیٹی کا جوڑ تو اویس جیسے ہینڈسم اور کوالیفائیڈ شخص کے ساتھ جچتا ہے۔ تمہارے ڈیڈی چاہے کسی بھی وجہ سے اس رشتے کی حامی ہوں لیکن میں صرف تمہاری ماں ہونے کے ناتے اس رشتے پر خوش ہوں۔ میری بیٹی سکھی رہے اسے قدر دان لوگ ملیں بس میری خوشی صرف یہی ہے۔ مجھے پتا ہے تم بہت حساس ہو اور مبشر لودھی کا گھرانہ تمہارے شایان شان ہے۔ وہ لوگ تمہیں بہت خوش رکھیں گے۔‘‘ وہ ان کے کندھے پر سے اپنا سر اٹھاتے ہوئے بڑے ٹھہرے ہوئے لہجے میں بولی۔

’’ممی اس رشتے سے انکار کردیں۔ میں اویس سے شادی نہیں کرنا چاہتی۔‘‘ وہ اس کی بات پر حیرت سے گنگ رہ گئی تھیں۔

’’انکار کردوں۔‘‘ انہوں نے اس طرح تصدیق کی جیسے جو کچھ سنا وہ غلط تھا اور وہ اب اپنے جملے میں ترمیم کردے گی۔

’’پلیز ممی ابھی ابھی آپ نے کہا تھا کہ آپ میری ماں ہونے کے ناتے اس رشتے پر خوش ہیں اور اگر میں اس رشتے سے انکار کر رہی ہوں وہاں میری مرضی اور خوشی نہیں ہے۔ تو ایک ماں ہونے کے ناتے آپ کو میری بات ماننی چاہےے۔‘‘ وہ دو ٹوک انداز میں بولی تھی۔

’’لیکن اجالا اویس بہت اچھا ہے۔ میرا تو خیال تھا کہ تم بھی وہاں انٹرسٹڈ ہو۔‘‘ ممی نے اسے سمجھانے کی کوشش کی تو وہ ان کی بات کاٹ کر فیصلہ کن انداز میں بولی۔

’’میں آپ سے زندگی میں پہلی بار کچھ مانگ رہی ہوں۔ پلیز مجھے مجبور مت کریں۔‘‘ وہ اس کے انداز پر چپ ہوگئی تھیں۔ پھر کتنی ہی دیر انہوں نے اسے اس رشتے کی اچھائیاں گنوائی تھیں لیکن وہ اپنے فیصلے میں اٹل تھی۔ آخر کار ممی ہار مانتے ہوئے بولی تھیں۔

’’ٹھیک ہے جیسی تمہاری مرضی۔ مجھے تمہاری خوشی ہر چیز سے زیادہ مقدم ہے۔ تم خوش رہو میں بس صرف یہی چاہتی ہوں‘‘ وہ اس کے ماتھے کو چومتے ہوئے کمرے سے نکل گئی تھیں۔

٭٭٭

اس نے اس بات کو جاننے کی کوئی کوشش نہیں کی تھی۔ وہاں انکلار کہلوادیا گیا ہے یا نہیں۔ وہ اپنے آپ میں الجھی ہوئی سارا سارا دن کمرے میں گزار دیتی تھی۔ ممی کے بلانے پر گھر والوں کے ساتھ کھانا کھانے کے علاوہ اس کا تمام وقت کمرے میں گزرتا تھا۔ اسکول سے لونگ لیو لے کر وہ ان دنوں ساری دنیا سے کٹی ہوئی تھی۔ دعا نے اس سے اس دن کے حوالے سے کوئی بات کرنے کی کوشش نہیں کی تھی اور وہ خود بھی اب زندگی بھر دعا سے کبھی کوئی بات نہیں کرنا چاہتی تھی۔ اسے ممی کو انکار کےے چوتھا دن تھا۔ جب حمیدہ نے کارڈ لیس اس کے ہاتھ میں پکڑا کر کہا تھا ’’آپ کا فون ہے۔‘‘ اور وہ ان دنوں کسی سے بھی کوئی بات نہیں کرنا چاہتی تھی، اس لےے بغیر بات کےے لائن ڈس کنیکٹ کر دی تھی۔ پھر اس دن دو مرتبہ اور اگلے تین چار مرتبہ اسے پیغام ملا کہ انکل کا فون ہے لیکن اس نے بے مروتی اور بدتمیزی کی حد کرتے ہوئے ان سے بات کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

’’مجھے معا ف کردیں انکل لیکن میں اب آپ سے بھی کوئی تعلق نہیں رکھنا چاہتی۔‘‘ وہ بعد میں روتے ہوئے اپنے آپ سے بولی تھی۔ اگلے روز دوپہر میں ممی نے اسے کمرے میں آکر اطلاع دی کہ انکل اس سے ملنے آئے ہیں۔ وہ اپنے گھر میں ان سے ملنے سے انکار کبھی بھی نہیں کر سکتی تھی، اس لےے فوراً ہی اٹھ کر ڈرائنگ روم میں آگئی۔ سامنے ہی صوفے پر بیٹھے ہوئے انکل کو دیکھ کر اس کا بے ساختہ دل چاہا کہ ان کے گلے لگ جائے اور خوب سارا رونے کے بعد ان سے اویس کی، دعا کی اور پتا نہیں کس کس کی شکایتیں کرے۔ لیکن اپنے دل کی اس خواہش کو نظر انداز کرتی وہ انہیں سلام کرتے ہوئے سامنے والے صوفے پر بیٹھ گئی۔

’’کیسی ہے میری بیٹی؟‘‘ وہ خود ہی اٹھ کر اس کے برابر میں آکر بیٹھ گئے اور بڑے پیار سے اس کی طرف دیکھتے ہوئے بولے۔

’’میں ٹھیک ہوں۔ آپ کیسے ہیں انکل؟‘‘ وہ آنسوئوں پر بند باندھتی مضبوط لہجے میں بولی۔

’’اپنی بیٹی کے بغیر میں ٹھیک کیسے ہوسکتا ہوں۔ تم تو میرے لےے آکسیجن کی طرح اہم ہو اتنے دن سے تمہیں دیکھا نہیں تو دل بری طرح اداس ہے۔ میری جان انکل سے کس بات کی ناراضگی ہے۔‘‘ وہ اس کا چہرہ اپنے ہاتھوں میں تھامتے ہوئے محبتوں سے چور لہجے میں بولے تھے۔ وہ اس لمحے کمزور نہیں پڑنا چاہتی تھی۔ ان کی محبت اسے پھر سے کمزور کر رہی تھی اور وہ ان کی طرف کھنچنے لگی تھی۔ خود کو سنبھالتے ہوئے وہ سر جھکا کر بولی ۔

’’میری آپ سے کوئی ناراضگی نہیں ہے انکل۔‘‘

’’پھر کیا بات ہے بیٹا! دیکھو جو بھی بات ہے کہہ دو۔ بات کرنے سے اپنے دل کا حال کہہ دینے سے انسان بہت سے مصائب سے بچ جاتا ہے۔ تمہارے اور اویس کے درمیان جو بھی مس انڈر اسٹینڈنگ ہوئی ہے مجھے بتائو۔ اگر اس کی غلطی ہوئی تو میں اسے چھوڑوں گا نہیں لیکن مجھے بتائو تو سہی۔‘‘ وہ بڑی بے چارگی سے بولے تھے۔

’’کوئی مس انڈراسٹینڈنگ نہیں ہے انکل۔ آپ پلیز اس ٹاپک کو مت چھیڑیں۔ مجھے آپ کی محبت پر کوئی شک نہیں ہے۔ میں جانتی ہوں آپ مجھے بہت چاہتے ہیں لیکن پلیز اس بات کو رہنے دیں۔‘‘ وہ کھڑی ہوتی ہوئی بولی۔ ’’آپ کا بہت شکریہ آپ نے مجھے اس قابل سمجھا کہ میرے لےے اپنے پوتے کا رشتہ لائے۔ لیکن اسے میری جیسی لڑکی سوٹ نہیں کرتی۔ آپ اس کے لےے دعا کا یا اس سے ملتی جلتی کسی لڑکی کا انتخاب کریں۔‘‘ وہ بڑے سکون سے اپنی بات مکمل کر کے کھڑی ہوئی تھی۔ وہ اس کے چہرے پر گہری نگاہ ڈالتے ہوئے کھڑے ہوگئے۔

’’اس وقت تم ڈیپریسڈ لگ رہی ہو۔ میں بعد میں آئوں گا۔ پھر تم سے بہت ساری باتیں کروں گا۔‘‘ وہ اس کی طرف بغور دیکھتے ہوئے دروازے کی طرف بڑھ گئے تو وہ بھی ان کے پیچھے چلتی انہیں گیٹ تک چھوڑنے آئی تھی۔

’’اجالا میں اور اویس تم سے بہت پیار کرتے ہیں۔ اس بات پر ہمیشہ یقین رکھنا۔‘‘ وہ گیٹ سے نکلتے ہوئے اس سے بولے تھے اور وہ خاموش کھڑی انہیں جاتا دیکھتی رہی تھی۔

٭٭٭

وہ بڑے نڈھال اور تھکے ہوئے گھر میں داخل ہوئے تو لائونج میں بیٹھے اویس کو دیکھ کر کہنے لگے۔

’’خیریت آج جلدی آگئے؟‘‘

’’جی کام تھا اس لےے جلدی آگیا۔‘‘ وہ ان کی طرف بڑے غور سے دیکھتا ہوا بولا۔

’’کہاں سے آرہے ہیں؟‘‘

’’میرا خیال ہے تمہیں اس سوال کا جواب معلوم ہے اسی لےے یہاں بیٹھ کر میرا انتظار کر رہے تھے۔ یقینا اخلاق نے تمہیں بتادیا ہوگا کہ میں اجالا سے ملنے گیا تھا۔‘‘ وہ بڑے سکون سے جواب دیتے ہوئے اس کے سامنے والے صوفے پر بیٹھ گئے۔

’’آپ وہاں کیوں گئے تھے؟‘‘ وہ خفگی بھرے انداز میں بولا۔

’’کیا مجھے نہیں جانا چاہےے تھا؟‘‘ وہ اس کے سوال کے جواب میں سوال کرنے لگے تھے۔ ’’ہرگز  نہیں جانا چاہےے تھا۔ وہ خود کو سمجھتی کیا ہے کہ آپ اس کی منتیں کرنے اس کے گھر پہنچ رہے ہیں۔‘‘ وہ اپنا غصہ کنٹرول کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بولا تھا۔

’’اویس وہ نادان ہے تو کیا ہم بھی جذباتی ہو کر بیوقوفانہ حرکتیں شروع کر دیں۔ تمہیں اس سے محبت کا دعویٰ ہے تو اس کی فیلنگس کو سمجھنے کی کوشش بھی کرو۔ وہ جس طرح کے حالات کا شکار رہی ہے تو ایسے میں اسے اسی طرح ری ایکٹ کرنا چاہےے۔ اس نے ہمیشہ لوگوں کی دھوکا دہی، جھوٹ اور منافقت دیکھی ہے اسی لئے اس کا رشتوں پر سے محبتوں پر سے اعتبار اٹھ گیا ہے۔ ہمیں اس کا اعتبار بحال کرنا ہے۔ مجھ سے بہتر تو یہ کام تم کرسکتے ہو۔ تمہیں چاہےے کہ اس سے ملو اسے یقین دلائو کہ تم اس کے ساتھ مخلص ہو اس کا کھویا ہوا اعتماد اور اعتبار اسے واپس دلائو۔‘‘ وہ اسے سمجھانے کی کوشش کرتے ہوئے بولے تو وہ اپنی ناراضگی چھپائے بغیر بولا تھا۔

’’سوری پاپا جانی میں ایسا نہیں کر سکتا۔ میں نے ساری زندگی کبھی کسی کے سامنے وضاحتیں دی ہیں نہ اب دوں گا۔ اگر میں درست ہوں تو ہوں مجھے کسی کے سامنے اپنی پوزیشن کلیئر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ میرا دل میرا ضمیر مطمئن ہے۔ میں نے کچھ غلط نہیں کیا تو میں اس کے پیچھے کیوں جائوں۔ اس نے مجھے گھٹیا ترین افراد کی فہرست میں بڑے آرام سے شامل کر دیا بغیر مجھ سے وضاحت چاہے۔ اب چاہے دنیا اِدھر کی اُدھر ہوجائے میں اس سے نہیں ملوں گا۔ مجھے محبت سے زیادہ اپنی عزت اور انا عزیز ہے۔ اور آج کے بعد اگر آپ بھی اس سے ایسے کسی سلسلے میں ملے تو میں آپ سے ناراض ہوجائوں گا۔ وہ ایک suspicious لڑکی ہے اور اس کی اس بیماری کا علاج دنیا کے کسی حکیم کے پاس نہیں ہے۔ اس نے انسلٹ کی ہے اور میں اسے کبھی بھی معاف نہیں کر سکتا۔ “I will never forgive her وہ اپنی بات ختم کر کے لائونج سے چلا گیا تھا اور وہ اپنا سر دونوں ہاتھوں میں تھامے بڑی بے بسی سے بیٹھے کچھ سوچ رہے تھے۔

ان کے اجالا سے ملنے جانے پر اس کا موڈ اتنی بری طرح آف ہوا تھا کہ وہ دوبارہ آفس جانے کا ارادہ ترک کر کے جوتوں سمیت ہی بستر پر لیٹ گیا تھا۔

’’تم کوئی دنیا کی آخری اچھی لڑکی تو نہیں ہو جو میں تمہارے لےے جوگ لوں گا۔ اس دنیا میں تم سے کہیں بہتر اور اچھی لڑکیاں بھی موجود ہیں۔‘‘ وہ بڑے غصے سے سوچ رہا تھا۔ ’’مگر وہ اجالا شہریار تو نہیں ہوں گی۔‘‘ کوئی اس کے اندر سے بولا تھا۔ ’’کتنی بری طرح تم نے مجھے letdown کیا ہے‘‘ وہ اپنے اندر سے ابھرتی اس آواز کو نظر انداز کر کے وہ خود سے بولا تھا۔ ’’میں تمہارے لےے کیا کیا سوچتا تھا اور تم! تم نے مجھ سے محبت تو کر لی مگر میر ااعتبار نہیں کیا۔ اور ایسی محبت جس میں ایک دوسرے پر بھروسہ اور یقین نہ ہو میرے نزدیک بے کار ترین شے ہے۔ تمہارے خلاف اگر ساری دنیا بھی اکٹھی ہو کر میرے سامنے آکھڑی ہوتی اور تمہارے خلاف گواہی دیتی۔ میں تب بھی کسی بات کا یقین نہ کرتا کیوں کہ مجھے تم پر اعتبار تھا۔ کتنے آرام سے تم نے وہ بدترین الفاظ اپنی زبان سے استعمال کئے تھے بغیر یہ سوچے کہ یہ الفاظ مجھے کتنا دکھ دے رہے ہیں۔ کیا جو زبان سے بڑے بڑے دعوے کرے صرف وہی سچا ہوتا ہے جو اپنے منہ سے کہے کہ میں تمہارے لےے جان دے سکتا ہوں آسمان کے چاند تارے لا سکتاہوں تمہارے نزدیک صرف وہی سچا ہے۔ تم نے کبھی میری آنکھوں میں اپنے لےے چاہتوں کا آباد جہان دیکھنے کی زحمت ہی نہیں کی۔ میں تمہارے لےے کچھ بھی کر سکتا تھا۔ تمہیں خوش دیکھنے کے لےے تمہارے آرام و سکون کی خاطر میں اپنی جان کی پروا کےے بغیر کچھ بھی کر سکتا تھا لیکن تم نے مجھ پر بھروسہ نہ کیا۔ تمہارے نزدیک وہ تمہارے آزمائے ہوئے بدترین رشتے دار مجھ سے زیادہ معتبر ٹھہرے اور میں معتوب قرار پایا۔

اور وہ پاپا جانی کہتے ہیں کہ میں تمہارے پاس جاکر اپنی صفائیاں پیش کروں۔ نیور ایسا کبھی بھی نہیں ہوگا۔ تمہارے خلاف ماریہ فون پر مجھ سے الٹی سیدھی بکواس کرتی ہے کہ میرے بھائی نے اسے اس کی بعض بری عادتوں کی وجہ سے چھوڑ دیا تو میں اسے جھڑک کر اور آئندہ فون نہ کرنے کا کہہ کر ریسیور پٹخ دیتا ہوں۔ اور تمہارے اوپر افسوس کرتا ہوں کہ تم اتنے گھٹیا لوگوں کے بیچ رہتی ہو۔ جس روز یہاں سے پروپوزل گیا تھا اسی رات ماریہ نے فون کیا تھا اور میں نے اسے بری طرح ڈانٹ دیا تھا۔ میرا دل چاہا تھا کہ اتنے برے لوگوں کے درمیان سے تمہیں جلد سے جلد نکال لائوں۔ وہ جہنم تمہارے رہنے کی جگہ تو نہیں۔ پھر دعا سامنے آتی ہے۔ دعا شہریار جسے میں ایک ڈیڑھ سال سے جانتا ہوں۔ MBA کے اسٹوڈنٹس کو لیکچر دینے گیا تو وہیں وہ کسی بلا کی طرح میرے پیچھے پڑ گئی۔ ایک دو مرتبہ چھوٹے ماموں کی فائزہ کے ساتھ اپنے کسی اسائنمنٹ کے سلسلے میں مدد لینے میرے آفس آئی تو میں نے فائزہ کی مروت میں خوش اخلاقی سے بات کرلی۔ مگر وہ محترمہ کسی طرح پیچھا چھوڑنے پر آمادہ ہی نہ ہوئیں۔ اس کے بعد فائزہ کے بغیر ہی اپنی پڑھائی کا کوئی نہ کوئی بہانہ کر کے آفس آنے لگی تو میں نے اسے اگنور کرنا شروع کر دیا۔ ساری کرٹسی ایک طرف رکھ کر میں نے بداخلاقی ظاہر کی تو اس نے میرا پیچھا چھوڑ دیا۔

پھر اس روز پاپا جانی کی برتھ ڈے پر تمہیں چھوڑنے گیا تو ٹیرس پر کھڑی دعا کو دیکھ کر مجھے پتا چلا کہ وہ تمہاری بہن ہے۔ اور میں کتنا حیران بھی ہوا تھاکہ کہاں تم مشرقی روایات کی آئینہ دار شرمائی ہوئی سی لڑکی اور کہاں وہ بے تحاشا بولڈ اور آئوٹ اسپوکن دعا۔ اس سے اگلے ہی دن وہ میرے آفس چلی آئی اور تمہارے خلاف وہی خالد کا قصہ سنانے کے لےے بیٹھ گئی تو میں نے اس کی بہت انسلٹ کی اور اسے اپنے آفس سے بہت بری طرح ڈانٹ کر نکال دیا۔ اس واقعے کے بعد وہ دوبارہ میرے پاس نہیں آئی میں نے تم سے بھی ایسی کسی بات کا کوئی تذکرہ نہیں کیا۔ میں تمہیں ہرٹ نہیں کرنا چاہتا تھا۔ پھر اس روز جب تم مجھ سے لڑ جھگڑ کر گئی تھیں دعا تمہارے آنے سے چند لمحے پہلے ہی آئی تھی اور یہ اتفاق ہی تھا کہ میں وہاں لان میں بیٹھا ہوا تھا اسے دیکھ کر میرا منہ بن گیا تھا لیکن وہ میرے منہ بنانے کی پروا کےے بغیر میرے سامنے کرسی گھسیٹ کر بیٹھ گئی تو میں نے بھی سوچا کہ آج اس کا دماغ ہمیشہ ہمیشہ کے لےے درست کردینا چاہےے تاکہ یہ میرا پیچھا چھوڑ دے۔ اس نے بات کرنی شروع ہی کی تھی کہ تم وہاں آگئیں اور تم نے اس ساری سچویشن کے بہت ہی غلط معنی نکالے۔ میں نے تمہارے خلاف کسی کی بات کا کوئی یقین نہیں کیا۔ تو جواب میں مجھے اپنے لےے بھی ایسی ہی عزت چاہئے تھی۔

تم نے میرے ساتھ بہت برا کیا ہے اجالا بہت برا۔ میں تمہارے راستوں کے پتھر ہٹا رہا تھا۔ تمہاری راہوں کے خار سمیٹ رہا تھا۔ تم تک پہنچنے کے لےے میں نے درست راستے کا انتخاب کیا تھا۔ تم جس کی میں نے ہمیشہ عزت کی۔ اپنے گھر میں آنے والے ایک مہمان اور پاپا جانی کو عزیز ہونے کے ناتے۔ مگر اس روز جب تم میرے سینے پر سر رکھ کر روئی تھیں پتا نہیں مجھے ایک دم کیا ہوا تھا۔ میں اس ایک لمحہ میں مکمل طور پر بدل گیا تھا۔ اپنی اس کیفیت پر میں خود بھی حیران رہ گیا تھا۔ میرا دل چاہا تھا کہ ان تمام لوگوں کو سر عام پھانسی دلوائوں جنہوں نے تمہیں دکھ دےے۔ میں نے اس وقت یہی سوچا تھا کہ میں تمہیں اتنی خوشیاں دوں گا کہ تم گزشتہ تمام غموں اور بد صورت یادوں کو بھول جائو گی۔ کوئی خالد تمہارا نصیب کیسے ہوسکتا تھا۔ تمہیں تو خدا نے میرے لےے بنایا تھا۔

میرا دل چاہتا تھا کہ تمہیں بتائوں کہ تم کتنی خوب صورت ہو سب سے منفرد تمہارا محتاط اور شرمایا ہوا انداز تمہیں سب سے الگ کرتا ہے۔ تم لوگوں کے رویوں سے مایوس ہو کر اپنے بارے میں احساس کمتری کا شکار ہوگئی تھیں۔ میں تمہیں بتانا چاہتا تھا کہ تمہیں کسی نے ریجیکٹ نہیں کیا بلکہ تمہیں میرے لےے مجھ سے ملنے کے لےے شاید ان تمام حالات سے گزرنا پڑا۔ شاید ہمیں کچھ دیر سے ملنا تھا۔ مگر افسوس میں تمہیں کچھ بھی نہیں بتا سکا۔ یہ بھی نہیں کہ تم اس روز پاپا جانی کی برتھ ڈے پر بہت حسین لگ رہی تھیں اتنی کہ میرا دل چاہ رہا تھا کہ بس تمہیں ہی دیکھتا رہوں اور یہ بھی نہیں بتا سکا تمہارے ہاتھ کتنے خوب صورت ہیں۔ تمہاری لمبی مخروطی انگلیاں کتنی حسین ہیں۔ تمہاری مسکراہٹ کتنی دل فریب ہے۔ میں تمہیں کچھ بھی نہیں بتا سکا۔ وہ تمام باتیں جو میں نے سوچی ہوئی تھیں کہ ہماری شادی کے دن تم سے کروں گا شاید اب کبھی نہ کہہ سکوں اس لےے کہ ایسا کوئی دن ہماری زندگی میں آنے والا ہی نہیں ہے۔ تمہاری بے اعتباری مجھے بہت دکھ دے رہی ہے۔ تم ایک بار مجھے موقع تو دیتیں۔ رک کر میری بات سن تو لیتیں۔ کیوں اجالا تم نے میرے ساتھ ایسا کیوں کیا؟ میں تمہارے لےے firststring بننا چاہتا تھا لیکن تم نے مجھے آسمان سے اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا۔ وہ سازشی مجھ سے زیادہ قابل اعتبار قرار پائے۔‘‘ وہ اپنا بستر پر لیٹا بڑے دکھ سے سوچ رہا تھا۔

٭٭٭

وہ نماز پڑھ کر اٹھی تھی جب حمیدہ نے اسے اخلاق کے فون کی بابت بتایا۔ بات کرنے سے انکار کرتے کرتے وہ اچانک ہی رک گئی تھی۔ آخر ایسی کیا بات ہوگئی کہ اخلاق نے فون کیا ہے۔ وہ سوچتے ہوئے کارڈلیس اس کے ہاتھ سے لے کر بات کرنے کے لےے آمادہ ہوگئی۔ دوسری طرف اخلاق کی روتی ہوئی آواز سن کر اس کے اوسان خطاہوگئے تھے۔ وہ روتے ہوئے انکل کی طبیعت کی خرابی کی اطلاع دے رہا تھا۔

’’میں کمرے میں کھانا لے کر گیا تو وہ کارپٹ پر بے ہوش پڑے ہوئے تھے۔ طبیعت تو ان کی دو تین روز سے ہی خراب چل رہی تھی۔ میری تو فوراً کچھ سمجھ نہیں آیا کہ کیا کروں۔ پھر اویس بھائی کو فون کیا اور وہ ابھی تھوڑی دیر پہلے ہی صاحب کو ہاسپٹل لے کر گئے ہیں۔‘‘ وہ ان کی طبیعت کا سن کر خود اتنی بری طرح پریشان ہوئی تھی کہ ڈھنگ سے اسے تسلی بھی نہیں دے سکی۔ اس سے ہاسپٹل کا نام پوچھ کر وہ جس حلےے میں تھی اسی میں گاڑی کی چابی اٹھا کر پورچ کی طرف آئی تھی۔ گاری انتہائی تیز رفتاری سے دوڑاتے ہوئے وہ ان کی صحت اور طویل عمری کے لےے دعائیں کرتی ہوئی ہاسپٹل کے احاطے میں داخل ہوئی تھی۔ ایک ایک قدم کئی من وزنی معلوم ہورہا تھا۔

’’انکل آپ کو زندہ رہنا ہے میرے لےے پلیز مجھے اکیلا مت کیجئے گا۔‘‘ وہ دل ہی دل میں ان سے مخاطب حواس باختہ ریسیپشن تک پہنچی تھی۔ اسی ہاسپٹل میں وہ ایک مرتبہ پہلے بھی ان سے ملنے آئی تھی۔ مگر تب میں اور اب میں بہت فرق تھا۔ کچھ ہی دیر میں وہ ایک کمرے کے باہر کھڑی خود کو اندر جانے کا حوصلہ دے رہی تھی۔

دروازے پر ہلکے سے دستک دے کر وہ اندر داخل ہوئی تو ڈاکٹر ثروت حسین بخاری سے باتیں کرتے ہوئے اویس نے گردن موڑ کر اسے دیکھا تھا۔ اس پر نظر پڑتے ہی اس نے اپنا رخ دوبارہ ڈاکٹر بخاری کی طرف کر لیا تھا۔ اس کی سرد و سپاٹ نگاہوں سے اندر ہی اندر خائف ہوتی وہ انکل کی طرف متوجہ ہوئی تھی۔ وہ آنکھیں موندے کمبل اوڑھ کر گہری نیند سوئے ہوئے تھے۔ ڈاکٹر بخاری نے نووارد کو بڑی گہری نگاہوں سے دیکھا تھا اور پھر دوبارہ اویس سے مخاطب ہوگئے تھے۔

’’فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔ تم پریشان مت ہو۔ بس یہ ہے کہ ان کا بلڈ پریشر خطرناک حد تک تجاوز کر گیا تھا اور پھر سب سے بڑی بات ایج فیکٹر بھی ہے۔ اس ایج میں انسان کے نروس بہت کمزور ہوجاتے ہیں مجھے ایسا لگتا ہے ان دنوں وہ کسی پریشانی میں مبتلا تھے۔

تمہیں ان کے خلاف مزاج کچھ بھی نہیں کرنا چاہےے۔ ہارٹ پیشنٹ کے نروس کے لےے کسی بھی قسم کا Stressنقصان دہ ہوتا ہے۔ کوشش کرو کہ وہ خوش رہیں۔ ان کی مرضی اور خواہشات کے مطابق ہر چیز ہو۔‘‘ وہ اس کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر بہت مخلصانہ انداز میں اس سے بات کر رہے تھے۔ وہ بھی چند قدموں کے فاصلے پر کھڑی ان کی بات بڑے غور سے سن رہی تھی۔

وہ خود ان کی پریشانی کا سب سے بڑا سبب ہے یہ بات اسے بری طرح نادم کر رہی تھی۔ انہوں نے ہمیشہ مجھ سے پیار کیا میرا خیال رکھا اور میں نے جواب میں انہیں ذہنی الجھن اور بیماری دی۔ وہ سرجھکائے سوچ رہی تھی۔ ڈاکٹر بخاری اویس کو تسلی دے کر باہر جاچکے تھے۔ ان کے جانے کے بعد وہ اس کی طرف نگاہ ڈالے بغیر انکل کی طرف بڑھ گیا تھا۔ اور پاس رکھی کرسی پر بیٹھ کر ان کا چہرہ دیکھنے لگا تھا۔ اجالا نے ایک چور نگاہ اس کے چہرے پر ڈالی تو وہ بہت پریشان اور الجھا ہوا نظر آیا۔ کچھ دیر کھڑے رہنے کے بعد وہ سامنے رکھے صوفے پر بیٹھ گئی۔ اس نے نہ اس کے کھڑے رہنے کا کوئی نوٹس لیا تھا اور نہ ہی بیٹھنے کا۔

اس کا اسٹائل ایسا تھا جیسے اس وقت یہاں صرف وہ اور پاپا جانی ہی موجود ہیں۔ کسی تیسرے فرد کی موجودگی سے اسے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ ایک گھنٹہ اسی طرح گزر گیا تھا۔ وہ دونوں ہی سارا وقت انکل پر نظریں جمائے بیٹھے رہے تھے۔ ان کے جسم میں ذرا سی حرکت محسوس ہوئی اور آنکھوں کے پپوٹے ہلتے ہوئے لگے تو وہ فوراً ہی اپنی جگہ سے اٹھ کر ان کے پاس آگئی اویس نے ان کا ہاتھ اپنے ہاتھوں میں تھام کر انہیں آواز دی تھی۔

’’پاپا جانی آپ کیسے ہیں؟‘‘ انہوں نے بمشکل آنکھیں کھول کر اسے دیکھا اور بڑی پست آواز میں جواب دیا۔

’’ٹھیک ہوں۔‘‘ ایسا لگ رہا تھا کہ بولنے کے لےے انہیں خاصی محنت اور طاقت صرف کرنی پڑی ہے۔ انہیں اس حال میں دیکھ کر وہ بے اختیار سسک اٹھی تھی۔ وہ جو اسے جواب دے کر دوبارہ آنکھیں بند کر چکے تھے ایک دم آنکھیں کھول کر اپنے بائیں طرف سر گھما کر دیکھا تھا اور اسے دیکھ کر بدقت مسکراتے ہوئے بولے تھے۔

’’چلو میرے بیمار ہونے کا کچھ تو فائدہ ہوا۔ میری اجالا انکل سے ناراضگی ختم کر کے آگئی۔ اگر مجھے پتا ہوتا تو پہلے ہی بیمار ہوجاتا۔‘‘ ان کی بات پر وہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی تھی۔ انہوں نے اس کا ہاتھ تھاما تو وہ روتے ہوئے ان کے بستر پر ہی بیٹھ گئی۔

’’آپ بس جلدی سے ٹھیک ہوجائیں۔ آپ نے پرامس کیا تھا کہ میری برتھ ڈے پر مجھے میری پسند کا گفٹ دیں گے۔ میری برتھ ڈے سے پہلے آپ کو ٹھیک ہونا ہے۔‘‘ وہ روتے ہوئے بولی تھی اور اس کی اس بات پر وہ مسکرا نہیں رہے تھے۔ اویس بڑی خاموشی سے وہاں سے اٹھ کر جانے لگا تو انکل نے اس کا بازو تھام لیا۔

’’تم کہاں جارہے ہو؟‘‘ وہ اسے سوالیہ نظروں سے دیکھ رہے تھے۔

’’کہیں نہیں۔ ابھی تھوڑی دیر میں آتا ہوں۔‘‘ وہ اپنے بازو چھڑاتے ہوئے کچھ بے زار سے انداز میں بولا تو اجالا نے پہلی بار چونک کر اس کی طرف دیکھا تھا۔ اسے مکمل طور پر نظر انداز کےے وہ ہر قیمت پر یہاں سے چلے جانا چاہتا تھا۔

’’یہ کیا تم بچوں جیسی حرکتیں کر رہے ہو۔ کچھ تو میچورٹی کا ثبوت دو۔‘‘ وہ اپنی آواز کی کمزوری پر قابو پاتے ہوئے بمشکل بولے تھے۔ ’’تم دونوں ہی کا رویہ امیچیور ہے۔ غلط فہمیاں کہاں نہیں ہوتیں۔ لیکن اسے انا اور عزت کا مسئلہ بنا کر ہر کوئی تم لوگوں کی طرح نہیں بیٹھ جاتا۔ اگر آپس میں کوئی بدگمانی آگئی ہے تو بیٹھ کر بات کر کے اپنے مسئلے کا حل نکالو۔ ایک دوسرے کے ساتھ Communicate کرو۔ پڑھے لکھے لوگوں کے بیچ Communication gap کبھی بھی نہیں آنا چاہےے۔ ہر مسئلے کا حل ڈسکشن میں پوشیدہ ہوتا ہے۔‘‘ وہ دونوں کی طرف باری باری نگاہ ڈالتے ہوئے بولے تھے۔

وہ کچھ دیر کھڑا جیسے اپنے آپ پر قابو پاتا رہا تھا۔ پھر بڑی دقتوں سے خود کو آمادہ کرتا ہوا کرسی پر دوبارہ بیٹھ گیا تھا۔ ان کی بیماری کا لحاظ کرتے ہوئے بیٹھ تو گیا تھا لیکن چہرے پر موجود ناگواری اور خفگی کے تاثرات کو وہ چھپا نہیں پارہا تھا۔ انہوں نے دوبارہ کچھ کہنے کی کوشش کی تو اویس بڑی بے مروتی سے انہیں ٹوکتا ہوا بولا۔

’’پلیز پاپا جانی I beg you آپ کسی ناپسندیدہ موضوع کو یہاں زیر بحث مت لائیں۔ میں آپ کی طبیعت کی وجہ سے مجبور ہوں آپ مجھے کچھ بولنے پر مت اکسائیں۔‘‘ اس نے اپنا جھکا ہوا سر اٹھا کر بڑے غور سے اویس لودھی کی طرف دیکھا تھا۔ کیا جو جھوٹے ہوتے ہیں ان کالہجہ اتنا مضبوط ہوتا ہے۔ کیا ظالموں کے چہرے اتنے روشن ہوتے ہیں۔ کیا ریا کاروں اور منافقوں کی آنکھوں میں اتنی چمک اور سچائی ہوتی ہے۔ وہ ایک ٹک اس کی طرف دیکھتے ہوئے سوچ رہی تھی۔ وہ اپنے چہرے پر مرکوز اس کی نگاہوں سے بے نیاز ان سے مخاطب تھا۔

’’مجھے کسی سے کوئی بات نہیں کرنی۔ نہ آج نہ کبھی۔ میں جو ہوں جیسا ہوں مجھے معلوم ہے۔‘‘ وہ اپنے مخصوص مضبوط اور دو ٹوک انداز میں بولا تو وہ بڑی بے بسی محسوس کرتے ہوئے چپ ہوگئے تھے۔ وہ اس وقت سے مسلسل اسی کی طرف دیکھ رہی تھی جو سارے زمانے سے خفا نظر آرہا تھا۔ اس کا اپنا دل اور دماغ اس کے حق میں گواہی دینے لگے تھے وہ سچا ہے اسی لےے اسے کسی کا ڈر نہیں۔ یہ شخص کبھی جھوٹ نہیں بول سکتا۔ کوئی اس کے اندر سے بول رہا تھا اور وہ اپنی اب تک کی بدگمانیوں پر شرمسار بیٹھی ہوئی تھی۔ کیا اس کا پچھلا رویہ میرے سامنے نہیں تھا۔ کیا وہ کبھی بھی ایسا کر سکتا تھا جیسا میں نے اسے سمجھا۔ اگر وہ مجھے دھوکا دے رہا ہوتا تو اس دن رنگے ہاتھوں دعا کے ساتھ پکڑے جانے پر بوکھلا جاتا۔ وہ اپنی اور اس کی اس روز کی گفتگو یاد کرتے ہوئے سوچ رہی تھی۔ کتنی ہی دیر تک وہ سر جھکائے اپنے آپ سے الجھتی رہی تھی۔ کیا میری اس دن کی تمام بکواس پر مجھے کبھی معاف کرے گا۔ نہیں کبھی نہیں۔ اس نے کبھی میرا دل نہیں دکھایا کبھی مجھے کوئی تکلیف نہیں پہنچائی اور میں نے اسے کتنی بری طرح ہرٹ کیا۔ کیا ایک سوری میری تمام بدتمیزیوں کا مداوا ہوسکتی ہے۔ نہیں کبھی نہیں۔ میں نے دشمنوں کی سازشوں کو سمجھے بغیر اندھا دھند ان پر اعتبار کر لیا اور اپنی جلد بازی اور حماقت کے ہاتھوں اسے خود سے ہمیشہ ہمیشہ کے لےے ناراض کر دیا۔ وہ اب شاید مجھے کبھی بھی معاف نہ کرے اور شاید مجھ جیسے لوگوں کے ساتھ ہونا بھی ایسا ہی چاہےے۔ میری Start sightedness نے مجھے کہیں کا نہیں چھوڑا۔‘‘ وہ اپنی سوچوں سے گھبرا کر ان کے پاس سے کھڑی ہوگئی ۔

کمرے سے نکل کر بڑے لٹے لٹے اور تھکے ہوئے قدموں سے چلتی وہ اپنے آپ سے کہہ رہی تھی اپنی زندگی میں کھلنے والے خوشیوں کے اس در کو میں نے خود اپنے ہی ہاتھوں بند کر دیا۔ کیا کوئی اور بھی مجھ سا احمق اور جلد باز ہوگا۔

ابھی کیا کہیں، ابھی کیا سنیں؟

کہ سر فصل سکوت جاں

کف روز شب پہ شرر نما

وہ جو حرف حرف چراغ تھا

اسے کس ہوا نے بجھا دیا

کبھی لب ہلیں گے تو پوچھنا

سر شہر عہد وصال دل

وہ نکہتوں کا ہجوم

اسے دست موج فراق نے

یہ خاک کب سے ملا دیا

کبھی گل کھلیں تو پوچھنا

ابھی کیا کہیں، ابھی کیا سنیں

یونہی خواہشوں کے فشار میں

کبھی بے سبب کبھی بے خلل

کہاں کون کس سے بچھڑ گیا ؟

کسے کس نے کیسے گنوا دیا؟

کبھی پھرملیں گے تو پوچھنا

وہ پارکنگ میں آکر اپنی گاڑی کا لاک کھولتے ہوئے خود کو ہمیشہ سے زیادہ تنہا اور دکھی محسوس کر رہی تھی۔ اپنی پشت پر کسی کی موجودگی کا احساس ہوا تو پلٹے بغیر ہی اس کے مخصوص پرفیوم کی خوشبو سے اسے پہچان گئی۔ مڑ کر دیکھا تو وہ اس کے بالکل سامنے کھڑا اسے بڑی گہری نگاہوں سے دیکھ رہا تھا۔

’’تم نے کبھی مجھے نہیں سمجھا۔لیکن میں تمہارے چہرے پر موجود تاثرات سے تمہارے دل کی ہر بات جان لیتا ہوں۔ مجھے تمہیں جھکانے کی کوئی خواہش نہیں ہے۔ لیکن کم از کم اتنا تو کہہ دو کہ تم میرے اوپر اعتبار کرتی ہو ساری دنیا میں سب سے زیادہ۔ صرف اتنا ہی کہہ دو کہ تمہارے دل سے تمام شکوک دور ہوگئے ہیں تمہیں مجھ پر یقین آگیا ہے۔‘‘ وہ اس کے سامنے کھڑا دونوں ہاتھ سینے پر باندھے مضبوط لہجے میں کہہ رہا تھا۔

’’کیا آپ مجھے معاف کر دیں گے؟‘‘ وہ اس سے نظریں ملانے کی ہمت خود میں نہیں پارہی تھی۔ اس لےے سر جھکا کر بولی تھی۔

’’ہاں اس شرط پر کہ آئندہ کبھی مجھ سے بدگمان نہیں ہوگی۔ ہر شخص منافق اور دھوکے باز بھی نہیں ہوتا۔ دنیا میں ابھی سچی محبت اور خلوص اتنا نایاب بھی نہیں ہوا کہ ہر آدمی کو شکوک کی عینک لگا کر دیکھا جائے۔‘‘ اتنی دیر میں وہ پہلی مرتبہ مسکرایا تھا اور اس کی اس بات پر اپنے چہرے کی سرخ پڑتی رنگت سمت اقرار میں گردن ہلا گئی تھی۔

آج اجالا نے سچ مچ میرے گھر میں اجالا کر دیا ہے۔ ابھی تھوڑی دیر پہلے ہی میں اسے رخصت کر کے اپنے گھر لایا ہوں۔ آج سے ٹھیک ایک سال پہلے آج کے دن وہ مجھے پہلی مرتبہ پارک میں ملی تھی اور تب میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ اتنی پیاری اور منفرد سی لڑکی میرے گھر میں اتنی ساری خوشیاں اور بہاریں لے کر آئے گی۔ میں خوش ہوں بے تحاشا اور بے حساب خوش ہوں۔ میرے بچوں کو ان کی خوشی مل گئی۔ مطمئن اور آسودہ ہوگئے اور اپنے بچوں کو خوش دیکھ کر میں کیوں نہ خوش ہوں۔ اجالا دلہن بن کر اتنی پیاری لگ رہی تھی کہ میں بتا نہیں سکتا۔ کاش آج ہم دونوں کے درمیان صبیحہ، دانیال اور سبین بھی ہوتے تو ہماری خوشیاں دوبالا ہوجاتیں۔ خیر میں اپنے رب کی رضا میں راضی ہوں۔ اس نے مجھے بے حد نوازا ہے۔ میرا اویس اور میری اجالا میرے پاس ہیں۔ میرا گھر مکمل ہوگیا ہے۔ اب اس گھر میں قہقہے گونجا کریں گے۔ میرے بچے اپنی زندگی کو خوشگوار انداز میں بسر کریں گے اور میں انہیں ہنستا مسکراتا دیکھ کر رب کائنات کا شکر ادا کیا کروں گا۔ کچھ عرصہ پہلے تک مجھے یہ سب کچھ ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا تھا۔

اجالا اور اویس کے بیچ اتنی مس انڈراسٹینڈنگ ہوگئی تھی اور میرے سمجھانے بجھانے کا دونوں ہی پر کوئی اثر نہیں ہورہا تھا۔ اگر بچوںکے نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو اجالا اور اویس دونوں ہی اپنی اپنی جگہ صحیح تھے۔ اجالا جس نے اپنے خونی رشتوں کی بے اعتباری اور ناقدری کا دکھ اٹھایا ہوا تھا کیسے کسی اور پر بھروسہ کر لیتی اور اویس اپنے جذبوں میں سچا تھا اس لےے وہ کیوں جھک جاتا۔ ان دونوں کے روےے اپنی جگہ درست تھے لیکن میں اپنے بچوں کو ایک دوسرے سے ناراض انا کا پرچم بلند کےے کیسے دیکھتا رہتا۔ خاموش تماشائی بنا اپنے بچوں کی بربادی دیکھتا رہتا۔وہ ناخوش تھے ایک دوسرے سے خفا تھے اور میں دونوں میں سے کسی کو بھی سمجھا نہیں پارہا تھا۔

پھر اچانک ہی میرے ذہن میں ایک خیال آیا اور وہ جو مثل مشہور ہے کہ جوان گھر سے بھاگنے سے ڈراتا ہے اور بوڑھا مرنے سے۔ سو اسی مثل پر عمل پیرا ہوتے ہوئے میں نے ایک ڈرامہ تیار کر لیا۔ اس ڈرامے میں میرے ساتھ اخلاق اور بخاری نے بھی اپنا اپنا کردار نہایت عمدگی سے نبھایا۔ اجالا تو خیر ہے ہی سیدھی سادی اور معصوم اصل خطرہ تو اویس سے تھا۔ وہ آخر میرا پوتا ہے اس کی زیرک اور تیز فہم نظروں سے مجھے خوف تھا۔ لیکن آخر میں اسی کا دادا ہوں ایسی کامیاب اداکاری کی کہ اس کے فرشتے بھی اصل حقیقت نہیں جان سکے ہوں گے۔ اخلاق کو میں نے سمجھا دیا تھا کہ پہلے اویس کو روتے ہوئے فون کرے پھر جب وہ مجھے ہاسپٹل لے جائے تو اجالا کو۔ ان دونوں کو ایک دوسرے سے ملوانے کا اور کوئی طریقہ ہی نہیں تھا میرے پاس۔ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ میری ترکیب کامیاب رہی۔ ان دونوں کے بیچ موجود تمام شکوک اور ناراضگیوں کی دھند چھٹ گئی۔ اپنی اس چالاکی کا تو میں انہیں کبھی بھی پتا نہیں چلنے دوں گا۔ ورنہ وہ آئندہ کبھی میری کسی بات کا یقین نہیں کریں گے۔

اپنے آشیانے کی حفاظت میں نے بخیر و خوبی کرلی اور میں خدائے بزرگ و برتر کا احسان مند ہوں جس نے میرے بچوں کو ان کی روٹھی ہوئی خوشیاں لوٹادیں۔ میری دعا ہے کہ اویس اور اجالا کے بیچ اب کبھی کوئی دعا کوئی ماریہ نہ آئے اور اگر آئے بھی تو وہ ہر سازش دشمنی کو ناکام بنادیں۔ یا رب العالمین میرے بچوں کو، سدا خوش اور آباد رکھنا۔ انہیں کبھی کوئی دکھ نہ پہنچے۔ انہیں حاسدوں کے حسد اور شرپسندوں کے شر سے بچانا۔ وہ ہمیشہ ایک دوسرے پر اعتبار کریں ایک دوسرے سے پیار کریں۔ انہیں کبھی کوئی دکھ چھو کر بھی نہ گزرے آمین ثم آمین۔

٭٭٭٭٭

اس تحریر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں