بھاری پردہ اٹھا کر وہ اندر داخل ہوئی تو سرفراز خاں کے ساتھ ساتھ میری نگاہیں بھی اس کے سراپے میں الجھ کر رہ گئیں۔ میں سرفراز خاں کی ٹانگیں دبا رہی تھی۔ یہ میری خواب گاہ تھی۔ یہ میرے آرام کا کمرا تھا۔ جس پر میرے شوہر نے لاکھوںنہیں تو بے حساب ہزاروں روپے خرچ کےے تھے۔ بے حد خوش تھی میں آج۔۔۔ بڑا دیا لو تھا میرا شوہر۔
وہ گائو تکےے کے سہارے نیم دراز تھا۔ اور میں پلنگ کی پٹی پر بیٹھی اس کی ٹانگیں دبا کر اپنے لےے جنّت تک جانے کا آسان راستہ تلاش کر رہی تھی۔
جب خدا بخش نے کسی عورت کے آنے کی خبر دی اور حسبِ معمول اس نے حکم دیا کہ اس عورت کو ہمارے پاس بھیج دیا جائے۔
وہ ٹھٹھک کر دروازے میں رُک گئی اور ہم دونوں کی نگاہیں اس کے سراپے میں الجھ گئیں۔ بے حد مفلوک الحال تھی وہ۔ پھٹے پرانے میلے کپڑے، دھول سے اٹا چہرہ، الجھے بکھرے گندے بالوں کی کئی لٹیں اس کی پھٹی ہوئی اوڑھنی سے نکل کر چہرے پر جھول رہی تھیں۔ سردی کے مارے پھٹے ہوئے ہاتھ، بغل میں دبی چھوٹی سی گٹھڑی اور ننگے پیر۔ جو صعوبتوں اور تکلیفوں کی مکمل داستان سنا رہے تھے۔ یہ تھا اس عورت کا حلیہ۔
رنگت سنولائی ہوئی، کھڑی کھڑی ناک میں دونوں طرف لونگ تھے، سونے کے یا چاندی یا پیتل کے اللہ ہی جانے۔
بھنچے ہوئے پپڑی زدہ لب بند کتاب کی مانند لگ رہے تھے۔ لیکن آنکھیں۔۔۔ آنکھیں بہت کچھ کہہ رہی تھیں۔ چمک دار آنکھیں، صاف ستھری آنکھیں، موٹی موٹی آنکھیں، متحیّرآنکھیں،پریشان آنکھیں۔
وہ تھوڑی تھوڑی گھبرائی ہوئی لگ رہی تھی۔
’’رک کیوں گئی ہو۔ آگے آئو۔‘‘ میرے کھوجی شوہر نے بھاری بھرکم آواز میں حکم دیا تو وہ آگے بڑھ آئی۔
آسمانی قالین پر اس کے میلے قدموں کے نشان بنتے چلے گئے۔ بیڈ سے چند قدم کے فاصلے پر آکر وہ رک گئی۔ سہمی سہمی، الجھی الجھی، اس نے نگاہ بھر کر کسی چیز کا جائزہ نہیں لیا تھا۔ سوائے ہم دونوں کے۔
’’کون ہو تم؟‘‘
’’ایک ادنیٰ کنیز جناب کی۔‘‘ لب و لہجہ بے حد شستہ تھا۔
’’کیا نام ہے؟‘‘
’’زہرہ۔۔۔!‘‘ سرفراز خان کے لبوں پر ہلکی سی مسکراہٹ کھیل گئی۔
’’کہاں سے آئی ہو؟‘‘
’’چھمب کلیار سے۔‘‘
’’اچھا۔۔۔ کہو کیسے آناہوا؟‘‘
’’آپ کے پاس آئی تھی سرکار۔۔۔!‘‘ اس کے چہرے پر حیرانی تو اسی طرح چھائی تھی۔ اب امید کا رنگ بھی شامل ہوگیا۔
’’ٹھیک ہے۔ ہم اپنے پاس آنے والوں کو خوش آمدید کہا کرتے ہیں۔‘‘ سرفراز خان نے سر ہلایا۔
’’سرکار! میں نے سنا ہے آپ بڑے دیالو ہیں۔ سخی ہیں، داتا ہیں۔‘‘ سرفراز خان نے مسکرانے پر اکتفا کیا۔
’’تم کیا لینا چاہتی ہو؟‘‘
’’میں عادی فقیر نہیں ہوں سرکار۔ آپ کی سخاوت کے قصے سنے اور آگئی۔ بس جو سرکار دے سکیں۔ پانچ بچوں کی خاطر بڑے آدمیوںکے آگے ہاتھ پھیلانے کا فن سیکھا ہے زہری نے۔ مایوس نہ لوٹائےے گا سرکار۔ زہری بڑی امیدیں لے کر آپ کے پاس آئی ہے۔‘‘ وہ جیسے اپنے آپ سے مخاطب تھی۔
’’بیٹھ جائو۔‘‘ سرفراز خان نے ہاتھ سے اشارہ کیا اور کروٹ بدل کر رخ اس کی طرف کرلیا۔
میں خاموش بیٹھی رہی کہ مجھے خاموش رہنا ہی تھا۔ خاموش رہنا میری عادت تھی۔ میں تو گزشتہ پچیس سال سے خاموش تھی۔
’’ہاں اب بتائو اپنے بارے میں۔ ہم سننا چاہتے ہیں کہ تمہیں کن حالات نے یہاں تک پہنچایا۔‘‘
’’سرکار۔۔۔! غریب کیا۔۔۔ اس کی زندگی کیا۔۔۔ اس کی داستان کیا۔۔۔‘‘
’’پھر بھی ہمیں بتائو تو سہی۔‘‘
’’کیا کہوں سرکار۔۔۔! بس عام سی کہانی ہے میری۔ غربت کی گود میں آنکھ کھولی۔ غربت میں ہی پلی بڑھی۔ ماں نے کرم کیا اور بستی کے ایک شریف گھرانے میں سید صاحب کی بیوی کے پاس پڑھانے بٹھا دیا۔ بارہ سال کی عمر میں، میں نے قرآن پاک ختم کرلیا تو پھر گھر لوٹ آئی۔ ماں کے لےے میری دو روٹیاں شاید بہت بھاری تھیں۔ تیرھویں سال اس نے ساتھ والے گائوں کے ایک دور پرے کے رشتے دار سے میری سگائی کر دی۔ قادر بخش بھی میری طرح ایک غریب گھرانے کا فرد تھا۔ چڑھاوے کا ایک جوڑا اور چاندی کی چوڑیاں اور بالیاں بھی جانے کتنی دقّتوں سے لاسکا۔ اس کے گھر جانے کے بعد ایک ہفتہ آرام سے گزرا۔ قادر خان میرا مرد تھا اپنا مرد۔ میں نے پہلی رات ہی یہ عہد کر لیا تھا کہ زندگی صرف اسی کی خاطر ہے۔ آٹھویں دن میں نے محنت اور جدوجہد میں اس کا برابر کا ساتھ دینے کے لےے کام کرنا شروع کر دیا۔ وہ مزدوری کرنے شہر چلا جاتا اور میں وہیں گائوں میں ہی روزی کے وسیلے ڈھونڈتی اور ساس سسر کا پیٹ بھرتی۔ دوسرے سال بیٹی پیدا ہوئی تو قادر نے سال بھر کی جمع کی ہوئی پونجی اس کے عقیقے پر خرچ کر دی۔ مجھے سارے سال کی محنت وصول ہوگئی۔ میرے لےے تو اس کی نگاہ ہی بہت تھی۔اس نگاہ نے میرا حوصلہ جوان رکھا۔ بیٹی کو ساس نے سنبھالا اور میں پھر سے کام میں لگ گئی۔ قادر شہر سے ہفتے بعد آتا۔ محنت مزدوری سے جو کچھ کماتا میرے ہاتھ پر لا رکھتا۔ وہ ایک ایک پائی مجھے عزیز تھی۔ میں اسے سنبھال کر رکھ لیتی۔ میری تھی۔ میں ٹالی کے شہتیر کڑیوں اور پکّی اینٹوں والا کوٹھا بنانا چاہتی تھی۔ یوں تو سرکنڈوں کے اس چھپّر کو بھی میں نے اپنے سلیقے سے جنت بنا رکھا تھا۔ لیکن کوٹھے کی آرزو تو بڑی مدّت سے جب میں چھوٹی سی بچی تھی میرے دل میں بسی تھی۔ ایسا کوٹھا سید صاحب کی بہو کا تھا جس کا پکّا فرش وہ روزانہ مجھ سے دھلواتی تھی۔ جس کی دیواریں سال چھ ماہ بعد پھر نئی ہوجاتی تھیں۔ سفید سفید چونے سے۔
میں محنت کرتی رہی، گھر چلاتی رہی، کپاس کی فصل ہو یا گندم کی۔ دونوں موسموں میں مجھے بہت کچھ وصول ہوجاتا۔ دو بھینسیں بھی میں نے پال لیں جن کا دودھ مکھن بیچ کر اچھا خاصا منافع مجھے مل جاتا۔
قادر نے چار سالوںمیں چار بچے مجھے دےے تو کوٹھے کا خواب بھی پورا کر دیا۔ پندرہ دن گھر رہ کر اس نے خود کوٹھا تیار کرایا اور چلا گیا۔
سرکار! عورت کے وسیع دامن میں مرد صرف اپنی محبت کے چند پھول ڈال دے تب بھی خوش رہتی ہے۔ قید میں رہنا اسے پسند ہوتا ہے۔ میں بھی قادو کی محبت کے حصار میں رہنا چاہتی تھی۔ اب وہ ہفتے کے بجائے پندرہ دنوں بعد ملنے کے لےے آنے لگا تھا کہتا۔
’’زہری تُو جانتی ہے نا محنت مزدوری میں کتنی مشقت اُٹھانی پڑتی ہے۔ ہر ہفتے چار میل پیدل سفر کر کے چھمب آنا بے حد مشکل ہے۔ایک جمعہ اب میں نے آرام کرنے کا سوچا ہے۔‘‘
قادو کی خوشی کے لےے میں تو زندگی قربان کر سکتی تھی۔ میں نے با خوشی اس کے فیصلے کو مان لیا۔ اور چار بچوں کو پال کر ان پر توجہ دے کر میں نے خود کو بہلا لیا کہ یہ بھی اسی وجود کے حصے ہیں اور قادو بھی تو صرف ان کی خاطر ہی مجھ سے اور گھر سے دور ہے۔ اسی اثنا میں یکے بعد دیگرے ساس سُسر بھی اللہ کو پیارے ہوگئے تو گھر اور باہر دونوں کی ذمہ داریاں مجھ پر آپڑیں اور ایک اور بچے نے بھی میرے آنگن میں پائوں پائوں چلنا سیکھ لیا۔
قادر تو شاید ماں باپ کی موت کا ہی منتظر تھا۔ ماں کے چالیسویں کے بعد جو گیا تو پھر لوٹ کر نہ آیا۔
تنہا راتیں کسی امید کے سہارے کٹیں تو آسان ہوجاتی ہیں۔ مایوسی کے اندھیروں والی تنہا راتیں کاٹنا عذاب ہے سرکار۔ سارا دن محنت مزدوری کرتی اور شام کو بچوں میں آبیٹھتی۔ بچوں کا چھپّر تھی، ان کا سائبان تھی، مجھے تو کام اور ہر دم کام ہی تھا۔
دو سال بعد ایک دن وہ آیا۔ چہرے پر ندامتوں کے سائے لےے۔ بچوں کے لےے ڈھیروں ڈھیر کپڑے لےے۔ کھانے پینے کی چیزیں لےے۔ شہری زندگی نے اسے پہلے والا قادر نہیں رہنے دیا تھا۔ میرا حسن اورجوانی حوادث کی دھوپ کی نذر ہوگئی تھی لیکن وہ کل سے آج زیادہ جوان تھا۔ صاف ستھرے کپڑے، صاف ستھرا چہرہ جس پر فکر و تردّد کی ایک لکیر بھی نہ تھی۔ اس کا چہرہ دیکھتے ہی میں سب غم بھلا بیٹھی۔ اس نے میرے دامن میں مسکراہٹوں کے چند پھول ڈالے اور میں موم ہوگئی۔ قادر بہاریں بھی اپنے ساتھ لے آیا تھا۔ لیکن ان بہاروںکی عمر بہت کم تھی۔ آٹھویں دن وہ جلد آنے کا وعدہ کر کے پھر چلا گیا۔ سکھ کی آس دے کر۔ زندگی چند کپڑوں کے سہارے تو نہ گزرتی۔ پھر وہی محنت تھی اور میں۔ اب کے وقفہ دو کے بجائے چار سال ہوگیا۔ چار سال بہت طویل عرصہ ہے سرکار۔ چار سالوں میں بے شمار راتیں ہوتی ہیں اور ہر رات ایک صدی کے برابر۔ اس اثنا میں میری بڑی بیٹی جوان ہوچکی تھی۔ وہ آیا اور بڑی خاموشی سے اس نے میری بیٹی کی شادی اپنی عمر سے بھی زیادہ کے ایک مرد سے کر کے میرے سر سے بوجھ ہلکا کرنے کی کوشش کی۔ اس بار میں نے احتجاج کی آواز بلند کی۔ برادری کے لوگوں کو اپنا ہمنوا بنایا۔ تو اس نے میرے عذر کے جواب میں کہا کہ اگر وہ دور ہے گھر سے، مجھ سے اور بچوں سے تو صرف اچھے دنوں کی خاطر۔ سب خاموش ہوگئے۔ اندر کے حالات کون جانتا تھا۔
جاتے جاتے اس نے مجھے کہا۔ ’’زہری۔۔۔! یہ دوری اب تیرا نصیب ہے۔ تُو لاکھ احتجاج کر، پھر بھی عورت ہے۔ میرے مقابلے میں بالکل کمزور۔ میں مرد ہوں۔ جو چاہوں کر سکتا ہوں۔ میں نے شادی کرلی ہے شہر کی ایک عورت سے جو میرے لےے ہر لحاظ سے بہت بہتر ہے۔ جو میری شریکِ غم اور میرے دو بچوں کی ماں ہے۔‘‘
پکّے کوٹھے کی رنگین چھت مجھ پر آن پڑی۔ میں آنکھیں پھاڑے منہ کھولے اسے دیکھتی رہی۔ سرکار! اب زہری نے بھیک مانگنے کا فن سیکھ لیا ہے۔ لیکن اس دن تو وہ بے حد اناڑی تھی۔ قادر سے محبت کی بھیک نہ مانگ سکی۔ اسے اپنا نہ بنا سکی۔ اسے حق تھا سرکار! بھلا زبردستی کا بھی کوئی ناتا ہے۔ میری قربانیاں میری وفائیں اسے نہ خرید سکیں۔ میرے آنسو یا آہ وزاری اسے کیا موم کرتی۔ وہ چلا گیا۔ ہر ذمہ داری سے آزاد۔ اور میں خاموش رہی۔ بچے میرے تھے کہ میں نے انہیں جنم دیا تھا۔ پال رہی ہوں کہ اس دنیا میں وسیلہ میری ذات ہی ہے نا۔
آج بھی محنت مزدوری کرتی ہوں۔ لیکن پانچ بچوں کو پیٹ بھر روٹی اور کپڑا مہیا کرنا بہت مشکل ہے۔ آپ جیسے بڑے لوگ میری امداد کردیتے ہیں تو الجھی زندگی کو سلجھانے میں مدد ضرور مل جاتی ہے۔‘‘
وہ پھر رکی۔ پھر بولی۔
’’سرکار! بہت دنوں سے آپ کے بارے میں سن رکھا تھا بس اسی لےے آئی ہوں۔ جو ہوسکے تو۔۔۔‘‘
سرفراز خان نے اس کی باتیں سنی ہوں یا نہ۔ میں نے ایک ایک لفظ غور سے سنا تھا۔ ایک ایک لفظ۔ عورت فطرتاً نرم دل ہے۔ شاید مجھے بھی اس کی مظلومیت پر دکھ ہوا تھا۔ لیکن میں نے نم آنکھیں سرفراز خان سے ہی نہیں اس سے بھی چھپالی تھیں۔
’’بہت کچھ ہوسکتا ہے زہرہ بہت کچھ۔‘‘
وہ اسے دیکھتی رہی۔
’’تم جائو۔ نہا دھو کر اپنا حلیہ بدلو۔ اورمیرے مہمان خانے کی مہمان بن جائو۔ سخت ظالم تھا قادر۔ عورت تو سنبھال کر رکھنے کی چیز ہے۔ میں تمہاری حفاظت کروں گا۔ اور اس قادر سے بھی نمٹ لوں گا۔ مطمئن رہنا۔ محل میں پرندہ بھی پر نہیں مار سکتا۔‘‘ مسکراہٹ سرفراز خان کے لبوں پر تھی۔ میں خاموش تھی۔ ہنوز اس کے پیر سہلا رہی تھی۔
وہ خوف زدہ ہو کر دو قدم پیچھے ہٹ گئی۔ اس کی نظریں حیرت و استعجاب سے بھر گئیں۔ اس نے میری طرف دیکھا۔ بڑی شاکی تھیں اس کی نظریں۔ ان نظروں میں میرے لےے بڑے عجیب جذبات تھے۔ میں سمجھ نہ سکی۔
’’نہیں نہیں۔۔۔ نہیں۔ ۔۔ آپ بہت غلط سمجھے۔ میں اس قماش کی عورت نہیں ہوں۔‘‘
’’عورت کو مجھ سے زیادہ کون سمجھے گا۔ اس عورت کو جس کی حیثیت میری زندگی میں ایک ملکہ جیسی ہے اور اس عورت کو جو بھکارن کی مانند میرے سامنے کھڑی ہے۔ میں خوب سمجھتا ہوں۔‘‘
اس نے پہلے مجھے اور پھر اسے دیکھا۔
’’تم تو سچ مچ دیالو ہو۔ سخی داتا ہو۔ مگر مجھے کچھ نہیں چاہےے۔ کچھ نہیں۔ مجھے معاف کر دینا کہ میں نے تمہارا وقت ضائع کیا۔ سخی داتا! مجھے ایسی زندگی سے فاقوں مرنا زیادہ پسند ہے۔ ایسے ریشم و کم خواب کو کیا کروں گی۔ جن کے نیچے میرا ضمیر میری روح کو ہر روز ایک نئی موت سے آشنا کرتا رہے۔‘‘
’’بہت نا سمجھ ہو۔ ضمیر کے چکر میں ہو۔ اپنا حلیہ تو دیکھو۔‘‘
’’میں اپنے اند رکی خوب صورتی پر نظر رکھتی ہوں۔‘‘
’’یہ چیتھڑے سردی کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔‘‘
’’ایمان مجھے حرارت دیتا ہے۔‘‘
’’چلتے چلتے پائوں کانٹوں سے پُر ہوجائیں گے۔‘‘
’’میں اسے خدا کی عنایت سمجھ کر ہنس کے سہوں گی۔‘‘
’’ایک دن لوگ بھیک دینے کے بجائے تمہیں ٹھوکریں ماریں گے۔‘‘
’’میں صبر کا جہاد کروں گی۔ یہ ٹھوکریں بھی کھا ہی لوں گی۔‘‘
’’پھر سوچ لو۔ ایک بہترین زندگی تمہاری منتظر ہے۔‘‘
’’میرے پانچ بچے منتظر ہیں۔ میں آگے کیسے جائوں؟‘‘
’’جانتی ہو میری حدود میں آکر واپس جانا اپنے بس میں نہیں رہتا۔‘‘
’’مت ڈرائو مجھے۔ میں کمزور عورت نہیں ہوں۔ اپنی حفاظت کرنا جانتی ہوں۔ کمزور تو یہ عورت ہے جسے تم اپنی ملکہ کہہ رہے ہو۔ جو تمہارے سیاہ کرتوت دیکھ کر بھی خاموش ہے۔ میں جارہی ہوں اللہ حافظ۔‘‘ وہ کمرے سے نکل گئی۔
میں اٹھی۔ باہر آئی۔ میرو طویل برآمدے کے ایک کونے میں کھڑا تھا۔ ’’میرو۔۔۔! گودام سے کچھ اناج لے جائو اور اس عورت کو دو اور یہ کچھ رقم بھی۔‘‘ میں نے سو سو کے کئی نوٹ اسے تھما دےے۔
میں برآمدے میں ہی کھڑی رہی۔ اس کے بارے میں سوچتی رہی۔ کیا تھی وہ بھکارن۔۔۔؟ بہت عظیم۔۔۔ بہت حوصلہ مند۔۔۔ بہت بہادر۔ سرفراز خان کو میں نہیں ایک زمانہ جانتا تھا۔ بڑے بڑوں کا پتّہ یہ نام سن کر پانی ہوجاتا تھا۔ خوش نصیب بھی تھی کہ شیر کی کچھار سے صحیح سلامت لوٹ گئی تھی۔ کلمۂ حق کہنا بڑا دشوار کام ہے لیکن اس نے سب کچھ کہہ دیا۔
کیا تھی وہ عورت! دنیا کی نظروں میں ایک حقیر بھکارن۔ لیکن میری نظروں میں ایک عظیم عورت۔ جاتے جاتے وہ مجھے بھی آئینہ دکھا گئی تھی۔ اپنے چہرے کے پس منظر میں مجھے اپنا ماضی اور حال بھی ساتھ ساتھ نظر آرہا تھا۔ بیس پچیس سال پہلے کے واقعات۔ بیس پچیس سال کے دوران کے واقعات۔ میرو ہانپتا کانپتا واپس آیا۔ اناج کی گٹھڑی اس کے سر پر تھی اور روپے اسی طرح مٹھی میں۔ مجھے ایک اور شاک لگا۔ زبردست حیرت ہوئی۔
’’یہ کیا ہے؟ کیا وہ اتنی جلدی صادق گنج سے نکل بھی گئی؟‘‘
’’بی بی جی! وہ جارہی تھی۔ گھر سے ایک فرلانگ کے فاصلے پر میں نے اُسے جالیا۔ مگر اس نے کوئی بھی چیز لینے سے انکار کر دیا۔‘‘
’’انکار کر دیا۔۔۔!‘‘ایک چھوٹی عورت کے اتنے بڑے ظرف کا اندازہ مجھے نہ تھا۔ دولت میں تو بڑی کشش ہے۔ لوگ کھنچے چلے آتے ہیں۔ ایک بے مایہ بے سہارا عورت نے ایک مال دار عورت کا نذرانہ ٹھکرا دیا تھا۔ اس کی اتنی جرأت۔۔۔ مجھے غصہ نہیں پیار آگیا۔
میں مسکرا دی اور پیسے اس کے ہاتھ سے لے کر اندر کمرے میں آگئی۔
خخخخ
سرفراز خان کے لےے یہ کوئی سانحہ تھا نہ حادثہ۔ نہ باعثِ مسرت واقعہ۔ اس کے معمول میں یہ بات بے حد غیر اہم تھی لیکن میری بظاہر پرسکون زندگی طوفان کی نذر ہوگئی تھی۔ میں صادق گنج کے معروف جاگیر دار نواب زادہ سرفراز خان کی خاندانی بیوی تھی۔ واقعی میری حیثیت کسی ملکہ سے کم نہ تھی۔ لیکن ایک راہ چلتی حقیر عورت مجھے کمزور کا خطاب دے کر کس آسانی سے رخصت ہوگئی تھی۔ کیوں کمزور بنی تھی میں۔ کیوں کمزور تھی میں؟ یہ سوال اندر ہی اندر مجھے کھائے جارہا تھا۔ دو دن سے سخت سردی تھی۔ آسمان کا سینہ سیاہ بادلوں کی اوٹ میں تھا۔ ٹھٹھری ہوئی فضا میں میرے لےے تو اداسی ہی رچی بسی تھی۔ میں اپنی خواب گاہ میں قید تھی۔ ایک نوکرانی مسلسل میرے سرہانے موجود تھی۔ گھر کا سارا نظام اسی طرح ہی چل رہا تھا۔ میری ناز برداریوں میں کوئی کمی نہ تھی۔
کل ہی موسمِ سرما کی چھٹیاںہوئی تھیں۔ میری اکلوتی بیٹی شانزہ چھٹیاں گزارنے گھر آگئی تھی۔ بڑے گھر کے اپنے ادب آداب تھے۔ صبح گیارہ بجے وہ چند لمحوں کے لےے مجھ سے ملنے آئی تھی۔
میری بیس سالہ بیٹی میری طرح حسین بھی تھی اور ذہین بھی۔ وہ اسی سال ایم۔اے پریویس میں داخلہ لے کر لاہور چلی گئی تھی۔ ایک گھنٹہ وہ میرے پاس بیٹھی رہی۔ اِدھر اُدھر کی باتیں سناتی رہی۔ اور میں سنتی رہی۔ شاید ان ہی باتوں میں دل بہل جائے۔ لیکن دل ہر دم تو قابو میں نہیں رہتا۔ کبھی کبھار سرزنش بھی بن جاتا ہے۔ دل نہ بہلا۔ شانزہ کچھ دیر بعد اپنے کمرے میں چلی گئی اور میں نے خود کو اعلیٰ پائے کے مصنّفوں کی کتابوں میں گم کرنا چاہا۔ مگر اس میں بھی ناکام رہی۔ کتابیں شیلف میں پٹخ دیں۔ باہر نکل آئی۔ گھنگھور گھٹائوں نے آسمان کی نیلگوں فضائوں کوجانے کہاں چھپا دیا تھا۔ خاموشی حرز جان بن رہی تھی۔ میں اوپر کی منزل پر چلی آئی ٹھنڈی یخ ہوائوں نے خوش دلی سے میرا استقبال کیا۔ میں نے سیاہ قیمتی اور گرم شال اپنے ارد گرد لپیٹ لی۔ منڈیر کے قریب کھڑی دور دور تک با آسانی دیکھ سکتی تھی۔ صادق گنج کا وہ حصہ بھی جہاں سرفراز خان نے ایک دنیا آباد کر رکھی تھی۔ رنگ برنگے آنچل، لہراتے آنچل، کھلکھلاتے چہرے میرے سامنے تھے۔ وہ سب کی سب آنگن میں جمع تھیں۔ بے فکری سے قہقہے لگا رہی تھیں۔ سامنے وسیع و عریض برآمدے میں میز کرسیوں کے ارد گرد بیٹھی کھانے پینے کا شغل کر رہی تھیں اور میں خاموشی سے ان سب کو دیکھ رہی تھی۔
میں تو بیس بائیس سال سے ہی یہ سب کچھ دیکھ رہی تھی۔ اس وقت سے جب جذبے جوان تھے۔ امنگیں زندہ تھیں۔ لہو گردش میںتھا۔ اور جذبۂ رقابت بھی ساتھ ساتھ رواں دواں تھا۔ میں تو تب سے یہ سب کچھ دیکھ رہی تھی۔
زہرہ نے ٹھیک ہی کہا تھا میں کمزور عورت ہوں۔ نفس کی غلام ہوں نا۔ نفس پر قابو نہ پاسکی۔ بس صلے میں بہت کچھ دینا پڑ گیا۔ لوگ جانتے ہیں میں کتنی بڑی عورت ہوں۔ نواب زادہ سرفراز خان کی بیوی۔ ایک عالم مجھ سے آگاہ ہے۔ شہر کی تقریبات میں میری شمولیت مدعو کرنے والوں کے لےے باعثِ فخر بن جاتی ہے۔ اخبار والے میری ایک ایک حرکت پر نگاہ رکھتے ہیں۔ ہر عمل اخبار کی اہم ترین چیز بن جاتا ہے۔ میری شخصیت خواتین کے لےے مثالی شخصیت ہے۔ میری قسمت پر رشک کیا جاتا ہے لیکن میں جو کچھ ہوں اپنے آپ کو میں خود ہی جانتی ہوں کہ میں کیا ہوں؟
ایک کھوکھلی عورت۔ نہ تن میرا ہے نہ من۔ پھر بھی زندہ ہوں جھوٹے بہانوں پر۔ بودے حیلوں پر۔ اس محل نما گھر میں کوئی بھی تو ایسا نہیں جسے میں حالِ دل کا شریک بنا سکوں۔ مجھے معمولی سا زکام ہوجائے بیسیوں ڈاکٹر میرے لےے بلائے جاتے ہیں۔ خادمائوں کی ایک لمبی قطار میرے ایک لفظ کی منتظر ہوتی ہے۔ دوائوں کے ساتھ غذائوں کے بھی ڈھیر لگا دےے جاتے ہیں۔ کبھی طبیعت زیادہ ہی خراب ہوجائے تو تبدیلی آب و ہوا کا مشورہ سب سے اوّل ہوتا ہے۔ اور نواب زادہ سرفراز خان میرے ساتھ ایک لائو لشکر، نوٹوں کے بنڈل، ضروریات زندگی کی وافر مقدار کسی صحت افزا مقام پر بھیج کر اپنے فرائض سے سرخرو ہوجاتا ہے۔ روزانہ فون پر خیریت دریافت کر کے حقوق کی ادائیگی کے بارے میں مطمئن ہو کر اپنی رنگین دنیا میں مگن رہتا ہے۔
لیکن کیا یہ سب کچھ۔۔ یہ انداز۔۔۔؟روپے پیسے کا زیاں، چیزوں کا بے جا مصرف میری روح کے زخم مندمل کر سکتا ہے؟ میرے اندر کی پیاس بجھا سکتا ہے؟ کبھی نہیں۔
ریشمی کفن میں لپٹا میرا وجود تو سکون پا ہی نہیں سکا۔
نہ صادق گنج کے وسیع محل میں، نہ ملتان میں موجود سرفراز منزل میں، نہ مری کے حسین مرغزاروں میں، نہ پشاور کے گرد و نواح میں، نہ کراچی کے ہنگامہ پرور ماحول میں۔ پھر بھی اکثر میں خوش نظر آتی ہوں۔ جب میری بیش قیمت ساڑھی اور نادر زیورات پر اہلِ محفل کی نظریں جمی ہوتی ہیں پھر بھی میں خوش نظر آتی ہوں۔
جب مجھے بڑی بڑی تقریبات میں چیف گیسٹ کے طور پر مدعو کیا جاتا ہے۔
پھر بھی میں خوش ہوتی ہوں۔ جب فیتا کاٹ کر افتتاح کر رہی ہوتی ہوں۔ میں تو خوش ہی رہتی ہوں۔ اور تو اور ابھی سامنے صحن میں بکھری رنگا رنگ قیامتوں کو دیکھ کر بھی خوش ہی تھی نا۔
’’مما۔۔۔ مما۔۔۔!!‘‘ میں نے مڑ کر دیکھا۔
شانزہ میرے پیچھے کھڑی مجھے پکار رہی تھی۔ اس کی نظریں بھی میری نظروں کے تعاقب میں تھی۔ وہ شکستہ سی لگ رہی تھی۔
’’یہاں کیوں آگئیں آپ۔۔۔؟ آپ کی طبیعت کتنی خراب ہے۔ اور یہاں اتنی ٹھنڈی ہوا۔۔۔‘‘
’’لیکن اس ہوا کا ایک جھونکا بھی ایسا نہیں جو میرے دل کو ٹھنڈک دے سکے۔‘‘ میں نے سوچا۔
’’مما۔ یہ سب کیا ہے؟‘‘ شانزہ کا چہرہ دھواں دھواں ہورہا تھا۔
’’کچھ نہیں بیٹی۔ صادق گنج کا معمول ہے اور کیا ہے؟یہ سب کچھ ماضی بھی ہے اور حال بھی۔‘‘
’’میں تو یہاں ایک پل بھی سکون سے نہیں رہ سکتی ماں۔ تم یہاں کب سے ہو؟ کیسے جی رہی ہو؟‘‘ اس نے مجھے جھنجھوڑ ڈالا۔
شانزہ کو میں نے ہمیشہ صادق گنج کے در و دیوار سے دور رکھا۔ اس کے لےے یہ سب بالکل نیا تھا۔ لیکن وہ جانتی تو سب کچھ تھی۔ میرا ہاتھ تھام کر وہ مجھے نیچے لے آئی۔ زینہ طے کر کے ہم ہال میں آئے تو سامنے ہی شاہنواز کھڑا تھا۔ شکار کا لباس زیب تن کےے۔ کندھے پر بندوق لٹکائے شاہنواز۔ میری نند کا اکلوتا بیٹا۔ اپنے ماموں کی طرح خوب صورت اونچا لمبا مرد۔ رومی شہزادوں کی طرح سرخ اور سفید جسم۔
’’آداب مامی جان!‘‘ وہ میرے آگے جھکا۔
’’اوہ ہیلو۔ شانزہ بیگم کب آئیں آپ؟‘‘ شاہنواز کی نگاہیں شانزہ کے وجود میں الجھی تھیں۔ میں سٹپٹا گئی۔ اس نے مصافحے کے لےے ہاتھ بڑھایا۔
’’سوری۔۔۔‘‘ شانزہ بے حس و حرکت میرے پہلو میں کھڑی رہی۔ شاہنواز نے ایک نظر اسے دیکھا اور یوں ظاہر کیا گویا اس نے اس حرکت کو کوئی اہمیت نہ دی ہو۔
’’شکار کے لےے جارہا تھا۔ سوچا جانے سے پہلے مامی جان کی دعائیں لیتا جائوں۔‘‘
میں مسکرا دی۔ ’’اچھا کیا بیٹے۔‘‘
شانزہ نے تیکھے لہجے میں پوچھا ’’کیسا شکار؟‘‘
’’بن کی ہرنیوں کا۔‘‘ شاہنواز نے اطمینان سے جواب دیا۔
’’اچھا۔ کیا شہر میں نایاب ہوگئی ہیں؟‘‘
شاہنواز اونچی آواز میں ہنس دیا۔
’’کیا خوب۔ ہرنیوں کا کیا تعلق شہر سے۔ ہاںچڑیا گھر میں مل بھی جائیں تو میرا ان سے کیا کام۔ شکار تو وہی اچھا لگتا ہے جس کے لےے تگ و دو کرنا پڑے۔‘‘
’’خیر، خدا آپ کو کامیاب کرے۔‘‘
میں شاہنواز کے ساتھ وہیں صوفے پر بیٹھ گئی اور شانزہ باہر نکل کر جانے کہاں چلی گئی۔
خخخخ
دس چھٹیاں گزرتے دیر ہی کیا لگی۔ شانزہ کو گئے دو دن بھی گزر گئے۔ پھر وہی میں تھی اورمیرے اندر کی تنہائیاں۔ آج کسی ہمدم کی ضرورت شدّت سے محسوس ہورہی تھی جو میرے اندر کے دکھ بانٹ سکتا۔
ماں ایک ایسی ہمدم تھی جس کی جھولی میں میں اپنے سارے غم ڈال سکتی تھی۔ لیکن موت کے بے نیاز فرشتے نے اسے کب کا اگلی دنیا میں پہنچا دیا تھا۔ اور تو کوئی نہ تھا۔ شاہنواز کی والدہ شاید مجھ سے بھی زیادہ تنہا تھی۔ مجھ سے بھی زیادہ دکھی۔ سرفراز کے دوستوں کی بیویاں سب کی سب میری ہمدرد تھیں۔ خیر خواہ تھیں، میرا احترام کرتی تھیں لیکن ہر ایک تو دلداری کے فن سے آگاہ نہیں ہوتا۔ شانزہ میری بیٹی تھی۔ میری مخلص۔ مجھ پر جان چھڑکنے والی۔ لیکن یہ غم اسے بتانے والے تو نہ تھے۔ اس کے ننھے منے دل کو ایسے صدمے سے کیسے دو چار کرتی۔
میں پھر بستر پر پڑ گئی۔ سرفراز خان گلبدن خانم کے ساتھ کوئٹہ چلا گیا۔ گلبدن کو برف باری دیکھنے کا شوق تھا۔ جاتے سمے وہ میرے پاس آیا۔ رسمی طور پر الوداعی الفاظ کہے سنے اور روانہ ہوگیا۔
’’گلزار‘‘ میں رونق نہ رہی۔ راجہ اندر جو یہاں نہ تھا۔
خخخخ
پورے آٹھ دن بعد دھوپ نکلی تھی۔ چمک دار سنہری دھوپ۔ ملازمہ نے میری بڑی سی کرسی آنگن میں پھولوں کی کیاری کے قریب لا رکھی۔ میز پر صبح کے سارے اخبار، چند ایک خواتین کے رسالے۔ میں وہیں آ بیٹھی۔
جاگیر سے چند عورتیں مجھ سے ملنے آئی تھیں۔ آکر نیچے زمین پر بیٹھ گئیں۔ ان میں میرو کی ماں رحیمن بھی تھی۔ اکثر مجھ سے ملنے آیا کرتی تھی۔ اس کا گھر جھمپ میں موجود ہماری وسیع جاگیر میں تھا۔
’’بی بی جی! زہری آپ کے پاس آئی تھی؟‘‘
میں نے چند لمحے سوالیہ انداز میں اس کی طرف دیکھا۔ پھر مجھے یاد آیا۔
’’ہاں۔۔ ہاں۔۔۔ میرے پاس تو نہیں البتہ سرفراز خان کے پاس۔۔۔‘‘
’’بی بی جی۔۔! لوگ بڑے نمک حرام ہیں۔ آپ کا نمک کھا کر بھی آپ سے دغا کرتے ہیں؟‘‘
’’وہ کیسے؟‘‘
’’اسے صفورہ نے بھیجا تھا۔‘‘
صفورہ ایک مزارعے کی بیوی کا نام تھا۔ مجھے بہ خوبی اس کا علم تھا۔
’’زہری بے چاری غریب عورت ہے بی بی جی۔ صفورہ نے اسے دھوکے سے بھیجا کہ نواب صاحب تمہیں بہت کچھ دیں گے۔ وہ غریبوں کی مدد کرتے ہیں۔ اصل میں نواب صاحب پچھلے دنوں کپاس کی فصل کا حساب کتاب کرنے گئے تھے تب انہوں نے زہری کودیکھا تھا اور صفورہ سے کہہ دیا تھا۔ وہ بے چاری تو بے خبری میں چلی آئی۔ واپس آکر میرے گلے لگ کر روئی کہ وہ بمشکل اپنی عزت بچا کر آئی ہے۔ اب اس نے جھمپ کی رہائش بھی چھوڑ دی ہے۔ اپنے بچوں کو لے کر ایک اور گائوں میں چلی گئی ہے۔‘‘
’’کون سا گائوں؟‘‘
’’بیری والا۔‘‘
’’مگر کس لےے؟‘‘
’’بی بی جی! وہ غریب لیکن غیرت مند عورت ہے۔ غریب کے پاس ہوتا ہی کیا ہے ایک عزت کے علاوہ۔‘‘
’’سنو رحیمن مائی! اب تم جائو تو زہرہ کو میرے پاس بھیج دینا۔‘‘
’’نہیں بی بی جی۔ وہ ادھر نہیں آئے گی۔‘‘
’’نہیں۔ اسے کہہ دینا کہ جس عزت کی حفاظت کرتے ہوئے اس نے جھمپ چھوڑ دیا ہے اس کی حفاظت کا ذمہ میں نے لے لیا ہے۔ میں اس سے ملنا چاہتی ہوں۔‘‘
’’میں نے رحیمن کو کچھ رقم بھی دی کہ وہ خود ہی زہرہ کو یہاں لے آئے۔ پھر کتنی دیر دوسری عورتوں سے گفتگو کرتی رہی۔ ہر عورت کسی حاجت کے تحت میرے پاس آئی تھی۔ میں نے ممکنہ امداد کی اور وہ چلی گئیں۔
اور وہ آگئی۔
’’پہلی نظر میں تو اسے پہچان ہی نہ سکی۔ میرے تصور میں تو اس دن والی مفلوک الحال عورت تھی۔ آج اس کا انداز اور تھا۔ سرفراز خان قدر شناس تھا۔ جوہر شناس تھا۔ اس نے زہرہ کے حسن کا اندازہ خوب لگایا تھا۔ آج اس نے کاٹن کا آسمانی رنگ کا سادہ اور ارزاں کپڑے کا سوٹ پہن رکھا تھا۔ لُنڈے سے خریدی ہوئی قرمزی رنگ کی جرسی اور اونی شال۔ وہ کسی طور اس دن والی بھکارن نہ لگ رہی تھی۔ میں نے اسے اپنے ایئر کنڈیشنڈ روم میں ہی بلوالیا تھا۔
’’آئو زہرہ۔۔۔!‘‘ وہ دروازے میں رک کر مجھے دیکھ رہی تھی۔ میرے پکارنے پر اس نے سلام کیا اور جھجکتی ہوئی اندر بڑھ آئی۔
میں نرم و گداز صوفے پر نیم دراز تھی۔ سیدھی ہو بیٹھی اور اسے ایک کرسی پر بیٹھنے کا اشارہ کیا۔ لیکن وہ نیچے قالین پر بیٹھ گئی۔
’’نہیں بی بی! مجھے اپنی حیثیت کا اندازہ خوب ہے۔‘‘
میں خاموش رہی۔
’’آپ نے مجھے یاد فرمایا بی بی؟‘‘
’’ہاں زہرہ۔۔۔!‘‘ میں نے یوں کہا جیسے صدیوں کے سفر سے نبرد آزما ہونے کے بعد کوئی منزل پالے اور تھکن بھی محسوس کرے۔
’’تم مجھے اچھی لگیں زہرہ۔۔۔ میں بناوٹ میں رہ کر بھی بناوٹ سے نفرت کرتی ہوں۔ تمہاری سچائیاں مجھے پسند آئیں۔‘‘
وہ خوش ہوگئی۔ اس نے بے یقینی سے میری طرف دیکھا۔
’’سچ بی بی۔‘‘
’’ہاں زہرہ۔ ایک دنیا جانتی ہے کہ میں کتنی بڑی عورت ہوں۔ کتنی طاقت اور کتنے اقتدار کی مالک ہوں۔ تم نے مجھے میرے سامنے ہی کمزور عورت کہا۔ اس بات نے مجھے اندر تک جھنجھوڑ دیا۔ تم کیسے جانتی ہو زہرہ کہ میں کمزور ہوں۔ زہرہ! میں بھی ایک عورت ہوں تم بھی ایک عورت ہو۔ حیثیت اور رتبے کے فرق کے باوجود جنس ایک ہی ہے۔ میں جل رہی ہوں۔ میں تڑپ رہی ہوں۔ اپنے اس فقرے کا مطلب مجھے سمجھادو۔‘‘
’’بی بی۔۔۔!‘‘ زہرہ لمحہ بھر کو رک گئی۔ ’’عورت ہر تقسیم برداشت کر سکتی ہے لیکن شوہر کی محبت کا بٹوارہ ہرگز نہیں۔ بات چوری چھپے کی ہو تو اور بات ہے۔ ان کی نظریں ایک عورت پر تھیں۔ اور آپ خوش بیٹھی ان کے پائوں داب رہی تھیں۔ یہ انہونی تھی۔ میں نے پہلی بار ایسا نظارہ دیکھا تھا۔ آپ کی بے حسی نے مجھے دہلا دیا تھا۔ تب میں نے سوچا کہ آپ کمزور ہیں۔ اگر آپ میں طاقت ہوتی تو آپ اسی وقت نواب صاحب کا گریبان پکڑلیتیں۔ مجھے دھکے دے کر باہر نکال دیتیں لیکن آپ نے کچھ بھی نہیں کیا۔ اس ظلم کے خلاف کوئی احتجاج نہیں کیا۔ کوئی آواز بلند نہ کی۔‘‘
میری آنسوئوں سے لبریز آنکھیں دیکھ کر وہ خاموش ہوگئی۔ آنسوئوں کے قطرے تواتر سے میرے اپنے ہی دامن میں جذب ہوتے رہے۔ میں نے انہیں روکا نہیں۔ بند نہیں باندھا۔ بہنے ہی دیا۔ اس وقت مجھے رکھ رکھائو سے کوئی غرض نہ تھی۔ فطرت بے لباس ہو گئی تھی۔ ریشم و کم خواب کے بھاری پردوں میں لپٹی روح نے اپنا آپ زہرہ کے سامنے عیاں کر دیا تھا۔
’’تم نے سچ کہا تھا زہرہ۔ میری کمزوری دولت تھی۔ میری کمزوری شہرت تھی۔ میری کمزوری نام و نمود تھا۔ نفس مجھ پر حاوی ہوگیا۔ میں نے سوچا تھا شاید دولت کے سائے میں گزرنے والی زندگی کے پاس غم آنے کی جرأت نہیں کرتا۔ لیکن وہ سب ایک خواب تھا۔ لمحہ لمحہ موت سے دو چار ہو کر مر نہیں سکتی۔ کیا کروں کہ ایسے نظارے میرا مقدر ہیں۔ میں سوچتی رہی لیکن اپنی ذات کو عیاں نہ کر سکی۔‘‘
’’بی بی! عورت کو نہ دولت کمزور بناتی ہے نہ شہرت۔ نہ نام و نمود۔ عورت بس ایک جذبے کی خاطر بک جاتی ہے۔ بنا کسی مول کے اور وہ ہے محبت۔ آپ کو یقینا سرفراز خان سے محبت ہوگی۔ محبت میں عورت مرد کے بڑے بڑے گناہ معاف کر دیتی ہے۔ مجھے دیکھ لیں بی بی۔ خدا قسم قادر نے ایک اور عورت سے اپنی دنیا آباد کرلی ہے۔ پانچ بچے چھوڑ کر اپنی ہی دنیا میں گُم ہے لیکن میں اسے کبھی بد دعا نہیں دے سکی۔ بُرا نہیں کہہ سکی۔ میں اس سے پیار کرتی ہوں۔ بی بی! آنکھیں کھولوں یا بند کروں مجھے اس کے سوا جہان میں کچھ نظر نہیں آتا۔‘‘ وہ اٹھ کر آگے بڑھ آئی۔
’’بی بی! معافی چاہتی ہوں۔ میں نے آپ کا دل دُکھایا۔ مجھے معاف کر دیجےے۔ اصل میں۔۔۔‘‘ وہ جانے کیا کہنا چاہتی تھی ۔ میں نے اس کے ہاتھ نرمی سے علیحدہ کےے۔
’’زہرہ! آئینہ دکھایا ہے تو مجھے اپنے خدو خال مکمل طور پر ہی پہچاننے دو۔ اپنے الفاظ واپس نہ لینا۔ تم ہی تو ہو سچ بولنے والی۔ تم ہی میری ہمدرد ہو۔ میری بہی خواہ۔ میں جھوٹ سے تنگ آچکی ہوں۔ سچ کا زہر میرے لےے تریاق بنے گا۔ میری بیمار روح کو صحت یاب ہونے دو۔‘‘
زہرہ کی سمجھ میں میری بات آئی ہی نہیں۔ پھر میں نے اس کی ذات کو موضوع بنا دیا۔ اس کی سنتی رہی۔ ان لمحوں میں اپنی ہستی کو بھول گئی۔ زہرہ وفا کی زندہ مثال تھی۔ باکردار عورت تھی۔ مجھے اس سے عقیدت سی ہوگئی۔ شام کو میں نے اسے ڈھیروں اشیائے ضرورت سے مالا مال کر کے اپنی گاڑی میں بھجوایا اور اسے گاہے بگاہے اپنے پاس آنے کی دعوت بھی دی۔ بڑے لوگوں کو میں نے اللہ کی دی ہوئی دولت میں حصہ دار بنایا تھا لیکن پہلی بار کسی کی مدد کر کے مجھے دلی مسرت ہوئی تھی۔
مثالی عورت تو زہرہ تھی۔ میں کہاں؟ کاش میرے بس میں ہوتا۔ میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کرتی اور زہرہ کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کرتی۔ زمانے کو دکھاتی۔ زمانے کو سناتی کہ سیکھنا ہے تو اس عورت سے سیکھو۔ جسے اللہ کے سوا کوئی طاقت ڈرا نہیں سکتی۔ جس کا ایمان دولت متزلزل نہیں کر سکتی۔ لیکن یہ رسم و رواج کی دیواریں میری راہ میں حائل تھیں۔
عورتیں تو وہ بھی تھیں جو گلزار میں آباد تھیں۔ صرف اچھے کپڑے، اچھے کھانے اور چند کھٹکتے سکّوں کی خاطر گناہ کی پستیوں میں ڈوبی۔ عورت میں بھی تھی۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ، حسین ذہین، بلند کردار، لیکن اپنی نظروں میں بے حد پست۔ سکون ان کا مقدر تھا۔ جن کے لب مسکراہٹ آشنا تھے۔ میری تقدیر میں تو غم ہی غم تھے۔ صد شکر کہ میں کسی بیٹے کی ماں نہ تھی۔ ورنہ شاید وہ بھی سرفراز خان کی طرح میدانِ کارزار گرم کر چکا ہوتا۔ شانزہ کو میں نے ہمیشہ اس ماحول سے دور رکھا۔ لیکن وہ چند دن یہاں قیام کرنے سال میں دو تین مرتبہ ضرور آتی تھی۔ جب تک بچی تھی لا علم رہی۔ لیکن اب وہ اکیس سال کی نوجوان اور باشعور لڑکی تھی۔ اپنے باپ سے حد درجہ متنفر۔ میں جانتی تھی شانزہ کا مستقبل شاہنواز سے وابستہ ہے۔ شاہنواز خان، سرفراز خان کا اکلوتا بھانجا اس خاندان کا مکمل پرتو۔ شکل و صورت میں بھی اور عادات و خصائل میں بھی۔ مجھ میں اتنی ہمت نہ تھی کہ اس فیصلے کے خلاف آواز اٹھاتی۔ شانزہ کو بھی علم تھا لیکن میں نے یا اس نے کبھی اس بات کو موضوع بنا کر گفتگو نہ کی تھی۔
خخخخ
رُت بدلی۔ موسمِ گرما بھی آگیا۔ شانزہ نے مجھے فون کیا۔ اس بار اس کے تمام ساتھی سوات جارہے تھے۔ اس نے اجازت طلب کی تھی۔ میں نے انکار کر دیا۔ سختی کے ساتھ۔ وہ روہانسی ہوگئی۔ شاید یہاں کی تنہائیوں کے خیال نے اسے خوف زدہ کر دیا تھا۔
’’ایسا کرو بیٹی اس بار تم اپنی دوستوں کو اِدھر اسٹیٹ ہی لے آئو۔ اگر جانے کا ارادہ ہوگیا تو میں بھی تمہارے ساتھ چلوں گی۔‘‘
’’اوہ مما! ونڈر فل آئیڈیا۔ بنڈل آف تھینکس مما۔ ذہین وغیرہ یہاں آکر بے حد خوش ہوں گی۔ میرے ذہن میں تو یہ بات آئی ہی نہ تھی۔‘‘
تب اس نے تیسرے دن اپنی آمد کا پروگرام بھی مجھے بتا دیا۔ وہ سب پلین سے آرہی تھیں۔ سرفراز خان نے شاہنواز خان کو ملتان بھیج دیا۔ شام کے دھندلکوں میں جب میں انتظار کی طوالت سے گھبرا کر اندر کمرے کی طرف جارہی تھی گاڑی کا ہارن بجا اور اس کے ساتھ ہی لڑکیوں کا شور بھی میرے کانوںمیں آیا تو میں پلٹ آئی۔
سامنے وسیع پورٹیکو میں رنگ برنگے آنچل لہرا رہے تھے اور شاہنواز خان بلیک ہنڈا اکارڈ لاک کر رہا تھا۔
شانزہ بھاگ کر سیڑھیاں چڑھتی ہوئی میری طرف آئی اور مجھ سے لپٹ گئی۔ شاہنواز خان بھی اوپر آچکا تھا۔ اور اس کے ساتھ ہی سب لڑکیاں بھی۔ میں نے باری باری سب کے سر پر ہاتھ پھیرا اور دعائیں دیں۔ شاہنواز بھی میرے آگے جھک گیا۔
’’آج کے دن ہم کیوں محروم رہیں مامی جان۔‘‘
میںمسکرا دی۔
’’نہ صرف دعائیں بلکہ داد کے طور پر کمر بھی تھپکے مما۔ ہمیں صحیح سلامت یہاں تک لے آئے شاہنواز خان صاحب۔‘‘ شانزہ کے لہجے میں طنز تھا یا مذاق میں نہ سمجھ سکی۔
پھر وہ تعارف کرا رہی تھی۔
’’ممّا۔۔۔ یہ جبین اور ذہین۔ یہ فرزانہ۔۔۔ یہ انیسہ اور یہ ماورا۔۔۔ ماورا محسن۔۔۔ یہ سب میری مخلص دوست ہیں ممّا۔‘‘
میں اس نام پر چونک سی گئی۔ یہ نام میں نے بہت پہلے سن رکھا تھا۔ ماورا۔۔۔ ماورا۔۔ کوئی میرے کانوں میں سرگوشیاں کرنے لگا۔ لڑکیوں کا شور سرفراز خان کے کانوں تک بھی پہنچا۔ اس شور میں میرے اندر کی آواز دب گئی۔ بسنتی رنگ کے شلوار قمیص میں سرفراز خان بھاری بھرکم وجود اور سرخ و سفید رنگت لےے بے حد اچھا لگ رہا تھا۔ کوریڈور کے سرے پر کھڑا جائزہ لیتی نظروں سے سب کو دیکھ رہا تھا۔ میں اس کی طرف بڑھ آئی۔
’’یہ سب آپ کی بیٹیاں ہیں سرفراز۔ آپ کی بیٹی کی سہیلیاں جو ہیں۔‘‘ میں نے سرگوشی کی۔ کچھ یاد دلانا چاہا۔ باور کرانا چاہا۔
سرفراز نے گہری نظروں سے میری طرف دیکھا اور آگے بڑھ آیا۔
’’آداب پاپا۔۔۔!‘‘ شانزہ نے دور سے سرفراز کو آداب کیا۔ دوسری لڑکیوں نے بھی اس کی تقلید کی۔ لڑکیاں شاید یہ محل نما گھر دیکھ کر ہی پریشان ہوگئی تھیں۔ پھر سرفراز کی خوب صورت شخصیت نے انہیں اور بھی مرعوب کر دیا۔
’’موسٹ ویلکم۔۔۔ موسٹ ویلکم مائی ڈاٹرز۔‘‘ سرفراز خان نے خوش دلی کا مظاہرہ کیا۔ سرفراز خان وفاقی وزیر تھا۔ بے حد مشہور شخصیت۔ یہ لڑکیاں متعدد بار اخباروںمیں، ٹی وی، پر اسے دیکھ چکی ہوں گی۔ کیا اب تک شانزہ نے انہیں اپنے باپ کے بارے میں کچھ نہ بتایا تھا۔ جو وہ یوں حیران تھیں۔ لڑکیاں ڈرائنگ ہال کی طرف بڑھ گئیں اور میں کچن میں کچھ ہدایات دینے چلی آئی۔ کچھ دیر بعد جب میں ان کی طرف گئی تو میرے قدم دروازے پر ہی رک گئے۔ دراصل ان لڑکیوں کو دیکھ کر مجھے اپنا طالب علمی کا دور شدّت سے یاد آگیا تھا۔ میں ایک رئیس اور جاگیردار کی بیوی کے خول سے نکل کر آزادی اور مسرت کے ساتھ چند گھڑیاں گزارنا چاہتی تھی۔ میں نے سنا لڑکیاں کہہ رہی تھیں۔
’’بھئی شانزہ! زبردست چیز ہو تم بھی۔ یار بھلا ہمارا تمہارا کیا میل تھا۔ تم خالص رئیس زادی اور ہم غریب لوگ، مزدور پیشہ۔۔۔‘‘
’’بکواس بند کرو انیسہ! یہ تم لوگوں کے ذہن میں دولت و حشمت کا بھوت کیوں سما گیا ہے۔ ان عارضی چیزوں کو میں نے کبھی اپنا گردانا ہی نہیں۔ مجھے تو محبت چاہےے۔ صرف محبت اور وہ بھی تم جیسے بے لوث جذبوں والی دوستوں کی۔‘‘
’’اچھا اور کچھ نہیں۔ آنے دو شانزہ جی آنے دو بھیا کو۔ سب کچھ بتادوں گی۔‘‘ یہ شاید ماورا تھی۔ میں اس کی بات سن کر چونک گئی۔ وہ کس کا ذکر کر رہی تھی۔ تبھی کسی اور نے کہا۔
’’ارے ان کے کیا کہنے۔ میرا خیال ہے سارا عشق ہوا ہوجائے گا ان صاحب کا۔ یہ سن کر کہ شانزہ کس کی بیٹی ہے۔ اے لڑکی تُو نے اپنے آپ کو مخفی رکھ کر اس نوجوان کا دل لُوٹ لیا ہے جس نے ہم سب کے سامنے دعوا اور وعدہ کیا تھا کہ وہ کبھی کسی ہائی کلاس لڑکی سے شادی نہیں کرے گا اور نہ ہی محبت۔‘‘
’’فرزانہ پلیز۔ یہ کیمپس نہیں میرا گھر ہے۔ تم بے باکی سے اتنی اونچی آواز میں اظہار خیال کےے جارہی ہو۔ پلیز لیو دِس ٹاپک۔‘‘
شانزہ نے گھبرائے لہجے میں اسے ٹوکا اور میں لمحہ بھر تاخیر کے بعد اندر داخل ہوئی۔ سب ہی خوف زدہ سی ہوگئیں۔ میں نے خود کو انجان ظاہر کرنے کی بھرپور کوشش کی اور ایک صوفے پر بیٹھ گئی۔ اِدھر اُدھر کی باتوں میں لڑکیوں کے ساتھ ساتھ میرا بھی وقت اچھا گزر گیا اور ان سے مکمل تعارف بھی ہوگیا۔
کھانے کی میز پر سرفراز خان کے ساتھ ساتھ شاہنواز بھی موجود تھا۔
میں جانتی تھی کہ اسے کس کشش کے تحت یہاں رکنا پڑا ہے۔ آخر وہ سرفراز خان کا بھانجا تھا۔ اس سے مختلف بالکل نہ تھا۔
ان سب لڑکیوں میں ماورا محسن منفرد اور جدا سی لڑکی تھی۔ غضب کی خوب صورت اور خاموش طبع۔ اس وقت بھی وہ ہلکے فیروزی رنگ کے سوٹ میں گلاب کے پھول کی مانند ترو تازہ لگ رہی تھی۔ شاہنواز بے اختیار بار بار اس کی طرف دیکھ لیتا۔ لیکن وہ نظریں جھکائے کھانا کھانے میں مصروف تھی۔
’’مامی جان! کیا واپسی پر بھی معزز مہمانوں کو میری ضرورت ہوگی؟‘‘ وہ مؤدب لہجے میں مجھ سے پوچھ رہا تھا۔
’’واہ جناب شاہنواز بھائی! آپ کو ابھی سے ہمارے جانے کی پڑ گئی۔‘‘ فرزانہ شوخ و شریر لگ رہی تھی۔
’’نہیں نہیں۔ میرا یہ مطلب نہیں۔ بلکہ میں تو یہ چاہتا ہوں کہ آپ لوگوں کا قیام کچھ عرصہ یہاں رہے تاکہ میں آئندہ آپ کے ساتھ سفر کرنے کے لےے خود کو تیار کرلوں۔‘‘
’’ہم نے اتنا پریشان تو آپ کو نہیں کیا شاہنواز بھائی۔‘‘ جبین نے شکوہ کیا تو شاہنواز نے فوراً اس کی طرف دیکھا اور پھر مجھ سے مخاطب ہوا۔
’’مامی جان! لوگ منہ در منہ بھی اتنا جھوٹ بول لیتے ہیں۔ اس کا مجھے اندازہ نہ تھا۔ نہ پوچھےے کچھ کہ میری کیا حالت ہوئی۔ پورا راستہ بس کسی زر خرید غلام کی طرح ان سب کی خدمت میں لگا رہا کہ شانزہ کی دوستوں کو مایوسی نہ ہو۔‘‘
’’شکریہ شاہنواز خان آپ کے اس لطفِ خاص کا۔‘‘ میں دیکھ رہی تھی کہ شانزہ کے انداز میں طنز ہی طنز تھا۔
’’کیا واقعی آپ آئندہ ہمارے ساتھ جانے کے خیال سے خوف زدہ ہیں۔ تو یقین کیجےے کہ ہم ہرگز آپ کو تنگ نہ کریں گے۔‘‘ یہ ماورا محسن تھی۔
’’ارے نہیں نہیں۔ ایسی کوئی بات نہیں۔ میں تو بس یوں ہی کہہ رہا تھا۔‘‘
’’دیکھو نا ماورا۔ آخر یہ رئیس زادے ہیں۔ ہِل کر پانی پی لینا بھی خلافِ شان ہے۔ ہم سب کو ایک طویل فاصلے سے لانا ان کے لےے تو بہت بڑا مسئلہ تھا ہی۔‘‘ شانزہ نے کہا۔
میں نے شانزہ کی طرف تنبیہی نظروں سے دیکھا۔ اس کے الفاظ مجھے بھی اس وقت اچھے نہیں لگے تھے۔ جب کہ سرفراز خان بھی میز پر موجود تھا۔
’’بیٹے۔ تمہارے ذمے ابھی تو بہت سے کام ہیں۔ یہ تو معمولی سی بات تھی۔ ابھی تو بچیوں نے جاگیر کی سیر کرنا ہے۔ باغات دیکھنے ہیں۔ جھیل پر جانا ہے۔ تم ابھی سے تھک گئے تو کیا تمہارے ماموں جانی یہ ذمہ داری پوری کریں گے۔‘‘
میں نے ماحول بدلنے کی خاطر ذرا اور انداز اختیار کیا۔ شاہنواز اس خیال سے ہی خوش نظر آرہا تھا۔ اس کی نظریں اِدھر اُدھر سے ہر پھر کر پھر ماورا پر ٹکتی تھیں۔ میں نے یہ بات خاص طور سے محسوس کی۔ کھانے کے فوراً بعدلڑکیاں سفر کی تھکان کی وجہ سے جلد ہی اپنی خواب گاہ میں چلی گئیں تو میں بھی بیڈ روم میں آگئی۔ نیندیں تو اکثر ہی روٹھی رہتی تھیں۔ آج بھی نیند نہ آئی۔ ماورا کا نام یادوں کی جھیل میں کسی بھاری اور وزنی پتھر کی طرح گر کر ارتعاش برپا کر چکا تھا۔ کوئی اب بھی میرے کانوں میں سرگوشی کےے جارہا تھا۔
’’ہم اپنی بیٹی کا نام ماورا رکھیں گے۔ ٹھیک ہے نا۔ ماورا کا مطلب جانتی ہو۔ مجھے تو بہت پسند ہے یہ نام۔‘‘
’’یہ تو صد فی صد سچ ہے کہ ماورا تمہاری بیٹی ہے محسن اسد۔‘‘
’’ٹھیک ہے خواہشات مرا تو نہیں کرتیں سدا بہار ہوتی ہیں۔ مرے سوا تم نے ہر چیز پالی محسن اسد۔ تم اس کے حق دار بھی تھے۔ آخر میں نے بھی تو ہر چیز پائی ہے محسن اسد۔ ہر چیز۔ دولت، عزت، شہرت لیکن کیا تم بھی ہر شے پانے کے بعد تشنہ ہو میری طرح۔ نہیں نہیں، تم جیسے انسان تشنہ نہیں رہ سکتے۔ تم دل کے غنی تھے محسن اسد۔ مزید اور مزید کی طلب تو مجھے تھی۔ بہت کچھ پا کر بھی میں پیاسی ہوں۔ الجھی ہوئی ہوں۔ لبوں پر مجبوریوں کے قفل ہیں۔ ان مجبوریوں کے جن کو میں نے خود اپنے لےے منتخب کیا تھا۔ ماورا کے ساتھ تمہارا نام سن کر ہی جانے کیوں دل اس کی طرف کھنچنے لگا تھا۔ جی چاہا تھا اسے گلے لگالوں۔ ڈھیروں ڈھیر پیار کروں۔ وہ تمہاری بیٹی ہے محسن اسد تمہاری بیٹی۔ مجھے کیسے عزیز نہ ہو۔ یہ خواب تومیں نے بھی تمہارے ساتھ مل کر دیکھے تھے۔ لیکن میں قانع نہ تھی۔ محدود دنیا سے جلد اُکتا گئی تھی۔ زندگی میں بہت کچھ پانے کی تمنا تھی مجھے۔ تمہاری محدود دنیا مجھے کیا دیتی۔‘‘ پتا نہیں کب آنسوئوں کے قطرے قطار اندر قطار آنکھوںمیں اترتے چلے گئے اور میرا دامن بھگو گئے۔
’’محسن اسد تمہیں یاد ہے۔ تمہارا کسی لڑکی کی طرف دیکھ لینا بھی میرے لےے ناقابلِ برداشت ہوا کرتا تھا۔ آکر دیکھو نا۔ ’’گلزار‘‘‘ عورتوں سے بھرا ہے لیکن میں چُپ ہوں اس لےے کہ تمہارے بعد کسی کو چاہ نہ سکی۔ کوئی ناتا نہ جوڑ سکی کسی سے۔ کیا اس لےے کہ سرفراز خان سے قانونی بندھن کے علاوہ کوئی جذباتی روحانی تعلق قائم نہ کر سکی۔ محسن اسد ایک مدّت میں نے تو تمہارے بارے میں سوچا تک نہ تھا۔ تمہیں کبھی یاد نہیں کیا تھا۔ لیکن آج تمہاری بیٹی کو دیکھ کر ڈھیر سارا اضطراب میرے من میں پھیل گیا۔ انسان محبتوں کے بلند بانگ دعوئوں کے باوجود اپنی زندگیاں کسی غیر کے وجود سے آباد کرلیتے ہیں۔ جیسے میں۔ جیسے تم۔ تم کہا کرتے تھے نا۔
’’تم میرے دل کا زندہ ارمان ہو دوست۔ کبھی نہ مرنے والی واحد آرزو۔ تمہارے سوا اس زندگی میں کبھی کسی کا عمل دخل نہ ہوسکے گا۔‘‘ لیکن دیکھ لو۔ تم نے بھی تو اپنی زندگی کسی اور کے نام لگا دی۔ ہاں سچ ہے خواب اور حقیقت میں بہت زیادہ فاصلہ ہے۔ اک عمر خوابوں میںرہنے کی ہوتی ہے۔ لیکن آدمی جلد ہی حقیقت کی طرف لوٹ آتا ہے۔ خواب تو ایک خلش دے دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ بھی نہیں۔‘‘ میں اضطرابی کیفیت میں کھڑکی کی طرف آئی۔ سارے پٹ کھول دےے۔ لان میں سے آنے والی ہوائیں من میں ہونے والی جلن کو دور کرنے میں ناکام رہیں۔ میں نے قریب پڑے ٹیپ ریکارڈر پر اپنی پسندیدہ غزل کی کیسٹ لگائی۔
بھولی بسری چند امیدیں، چند فسانے یاد آئے
تم یاد آئے ساتھ تمہارے اور زمانے یاد آئے
آنسو پھر بہہ نکلے۔ غزل کے بول میرا دل چھیدتے رہے۔ یہ آج ایک ایکا ایکی اتنی محبت۔۔۔ اتنا درد۔۔۔ اتنی تڑپ کہاں سے میرے وجود میں در آئی تھی۔ یہ آج اتنی شدّت سے تم مجھے کیوں یاد آرہے تھے شاید کوئی جذبۂ رقابت دل میں جاگ اٹھا تھا۔ ماورا کو دیکھ کر یہ خیال آیا تھا کہ ایک عورت تمہارے شب و روز کی، تمہارے وجود کی، تمہارے دل و ذہن کی، تمہاری روح کی مالک ہے۔ اس خیال نے سارا چین و قرار لوٹ لیا۔ ماورا محسن اس بات کا زندہ ثبوت تھی کہ تم اس دنیا میں میرے نہیں کسی اور کے ہو۔ کسی اور سے وابستہ ہو۔
کتنی پاگل ہوں میں بھی محسن اسد۔ کس قدر خود غرض۔ اپنی دنیا میں مگن رہی تو تمہارے بارے میں سوچا تک نہیں۔ آج تمہاری زندگی کی ایک جھلک دیکھ کر مارے حسد کے میرا پور پور جل اٹھا۔ وہ یقینا تمہاری بیٹی تھی محسن! کیونکہ اس میں تمہاری جھلک تھی۔ تمہارا پرتو تھا۔
غزل ختم ہوگئی۔ پرمن کی بے کلی سوا ہوگئی۔ میں صوفے پر ڈھیر ہوگئی۔ اور بیتے دنوں کی یادیں کسی فلم کی طرح ذہن کا احاطہ کرنے لگیں۔
زہرہ نے مجھ سے کہا تھا۔ اسے میری بے حسی پر حیرت ہوئی تھی۔ اسے تو حیرت ہونا ہی تھی۔ بھلا اسے کیا خبر محسن اسد کہ میں نے سرفراز خان کو اپنا مانا ہی نہیں۔ جذبۂ رقابت کہاں سے آتا؟ ہاں۔۔۔ میں نے صرف دولت کو اپنا مانا تھا۔ بیش قیمت ملبوسات، نادر زیورات اور ہیرے موتی میرے تھے۔ ان میں، میں کسی کو شریک نہ بنا سکی۔ کاش زہرہ اس وقت مجھے دیکھ لے۔ میرا چہرہ پڑھے۔ میرے دل میں جھانکے۔ میرے احساسات چُھولے تو اسے پتا چلے کہ میں بھی عورت ہوں۔ جذبۂ رقابت اور فطری حسد سے بھرپور۔
رات کٹ گئی۔ صبح کا اُجالا چار سُو پھیل گیا۔ ابھی میں قرآن پاک کی تلاوت کر کے فارغ ہوئی تھی کہ خادمہ نے دستک دی اور بیڈ ٹی کے ساتھ ہی ماورا بھی میرے کمرے میں آگئی۔
’’آداب آنٹی۔۔۔!‘‘ وہ ترو تازہ چہرے کے ساتھ میرے سامنے کھڑی دلفریب مسکراہٹ سمیت میری توجہ اور محبت کی منتظر نظر آرہی تھی۔
میں نے سر کے اشارے سے جواب دیا اور دعا مانگنے لگی۔ خادمہ نے قرآن پاک اٹھا کر الماری میں رکھا۔ میں تخت سے اٹھ کر ماورا کی طرف آئی۔
’’آنٹی! آپ نے محسوس تو نہیں کیا۔ میں آپ کی پرائیویسی میں چلی آئی۔‘‘
لمحہ بھر بعد وہ خود ہی کہنے لگی۔
’’دراصل۔۔۔ جب تک صبح ہی صبح ممّا کا پیار نہ ملے دن بھر قرار ہی نہیں آتا۔ بابا کہتے ہیں ماورا ساری عمر بچہ ہی بنی رہے گی۔ آج آپ کے پاس چلی آئی۔ آپ کا پُرنور چہرہ دیکھ کر دن ٹھیک ٹھاک ہی گزرے گا۔‘‘
اس کی وضاحت پر مجھے بے اختیار پیار آگیا۔ میں نے آگے بڑھ کر اس کا سر اپنے سینے سے لگالیا۔
’’اچھاکیا بیٹی میرا بھی دل خوش ہوگیا۔‘‘
وہ میرے پاس بیٹھ گئی۔ دل میں ہزاروں سوال پوری بے تابیوں سمیت ابھرے۔ لیکن میں ایک بھی نہ پوچھ سکی۔ کیا پوچھتی؟ کیسے کہتی کہ جس شخص کو میں نیم جان مرغِ بسمل کے مانند چھوڑ آئی تھی اب وہ کیسا ہے؟ حالات و جذبات کے طوفانوں سے اس نے کیسے مقابلہ کیا۔ ستم ہائے محبت سے کیسے فرار حاصل کیا اس نے؟ کیا پوچھتی بھلا؟ ماورا تو بہت پیاری بچی تھی۔ جی چاہ رہا تھا کہ میرا کوئی بیٹا ہوتا محسن اسد ،اور میں تمہارے قدموں میں گر کر ماورا کو اپنے بیٹے کے لےے مانگ لیتی۔
بہت اچھی عورت تمہاری زندگی میں آئی تھی محسن اسد جس نے تمہیں ہیرے جیسی بیٹی دی۔ ایک عام سی لڑکی کیا دیتی بھلا؟ عمر بھر دولت و حشمت سے جدا ہوجانے کے غم میں ہی رہتی۔
ماورا باتیں کرتی رہی اور سوچیں میرا دامن جلاتی رہیں۔
نو بجے شاہنواز آگیا۔ لڑکیاں ناشتے سے فارغ ہوچکی تھیں۔ آج پہلے دن ان کا پروگرام شاد باغ جانے کا تھا۔ جہاں بہترین آموں کی فصل اپنے عروج پر تھی۔ جہاں خاص ذائقے والے جامن تھے۔ جہاں عربی کھجوروں کا ایک بڑا جھنڈ تھا۔ لیچی تھی اور پُر بہار، خوشبو دار، معطر، سر سبز فضائیں تھیں۔ سب نے مجھے بھی ساتھ چلنے کا کہا لیکن میں نہ جا سکی۔ آج مجھے ایک اور سفر کی خواہش ہورہی تھی۔ کسی اور ہی دنیا میں جانے کو دل چاہ رہا تھا۔ وہ تھی ماضی کی دنیا، محسن اسد کی دنیا۔ میرے غرور اور اس کی محبت کی دنیا۔ میری نادانی اور اس کی وفا کی دنیا۔ آج میں مکمل تنہائی چاہتی تھی۔
خخخخ
میں فِضّہ عبداللہ خان صادق گنج کے جاگیردار کی اکلوتی بیٹی جس نے آنکھ کھول کر اپنے چاروں طرف دولت کی جھنکار کے علاوہ کچھ نہ سنا تھا۔ پیدا ہوتے ہی اپنے چچا زاد سرفراز خان کی منگیتر تھی۔ اور خاندان کی پہلی لڑکی جو عبداللہ خان کی خواہش پر لاہور کالج میں بی۔اے کی طالبہ تھی۔ نواب عبداللہ خان کسی غیر معروف ہستی کا نام نہ تھا۔ بہت بڑے جاگیر دار ہونے کے ساتھ ساتھ بہت بڑے سیاست دان بھی تھے۔ اور نیشنل اسمبلی کے ممبر بھی۔ میں نہ صرف حُسن میں اپنی مثال آپ تھی بلکہ غرور و تکبّر میں بھی۔ پورے کالج میں میری دوستی صرف لبنیٰ عتیق سے ہوسکی جوکہ کالج کی خوب صورت ترین لیکن انتہائی سادہ اور معصوم سی لڑکی تھی۔ دو سالوں میں دوستی بہت سی حدیں پار کر آئی۔ لبنیٰ بھی میری طرح ہوسٹل میں رہائش پذیر تھی۔ کیونکہ ان دنوں اس کے والد جو کہ سفارت خانے سے متعلق تھے، جنیوا میں رہائش پذیر تھے۔ پچھلے دنوں لبنیٰ کی زبانی معلوم ہوا تھا کہ اس کے ڈیڈی اپنی بڑی بیٹی عظمیٰ کی شادی کے لےے پاکستان آرہے ہیں۔ ہماری ہوسٹل لائف قطعی غیر دلچسپ اور خشک تھی۔ کیونکہ میں اور لبنیٰ دونوں ہی تعلیم برائے تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ شادی کے ہنگامے کی خبر اعصاب کے لےے اچھا تاثر لائی۔ میں نے فون پر بابا سے اجازت لے لی کہ ان دنوں شادی کی تقریبات میں دل کھول کر حصہ لینے کی خاطر میں لبنیٰ کے ساتھ اس کے گھر میں رہوں گی۔
اپریل کے مہینے کے خوش گوار دنوں میں عتیق الرحمن صاحب پاکستان آئے تو میرا پہلی بار ان سے تعارف ہوا۔ لبنیٰ کے ڈیڈی مہربان قسم کے بندے تھے۔ دونوں بیٹیوں سے دوستانہ مراسم تھے۔ ان کے اور لبنیٰ کے بھائی سعود اور مسعود بھی ان سے خاصے بے تکلف تھے۔
سعود بھائی میڈیکل کے آخری سال میں تھے اور مسعود نے انجینئرنگ کالج میں داخلہ لے رکھا تھا۔ جبکہ عظمیٰ گریجویشن کے بعد ملکوں ملکوں ڈیڈی کے ساتھ گھومتی پھر رہی تھیں۔ عظمیٰ کی شادی اپنی پھپھو کے بیٹے سے طے تھی۔ حسن اسد فوج میں میجر تھے۔ پہلے دن ان سے ملاقات بالکل غیر اتفاقی طور پر بازار میں ہی ہوئی۔ جب عظمیٰ کے ساتھ میں اور لبنیٰ خریداری کے لےے بازار آئے ہوئے تھے۔ فُل وردی میں پہلی نظر میں ہی میجر حسن اسد بے حد بھلے لگے۔ عظمیٰ تو ایک دکان میں جا گھسیں اور لبنیٰ بڑی دیر اُن سے باتیں کرتی رہی۔ تبھی جانے کس کونے سے ان ہی سے ملتا جلتا ایک خوب صورت اور باوقار بندہ آن مخل ہوا۔
اور لبنیٰ کے چہرے پر کئی خوب صورت رنگ بکھر گئے۔ اپنی دوست کے چہرے پر میں نے پہلی بار ایسی بہار دیکھی تھی۔ میجر حسن مجھ سے متعارف ہوچکے تھے۔ لبنیٰ بڑی دیر سے انہیں تنگ کر رہی تھی کہ وہ انار کلی کسی کام سے نہیں بلکہ عظمیٰ کی آمد کی بھنک پا کر آئے ہیں۔
’’فضّہ سسٹر! اب برائے مہربانی آپ ان سے پوچھےے کہ یہ بندہ جسے میرا بھائی ہونے کا شرف حاصل ہے اور جو رضا اسد کے نام سے پکارا اور سنا جاتا ہے۔ یہ بندہ انار کلی کیا کرنے آیا ہے؟‘‘
رضا اسد شریر نظریں لبنیٰ پر جمائے کھڑے تھے۔
’’بات تو صاف ہے حسن بھائی۔ کہےے تو بتادوں۔‘‘
دونوں بھائی ایک دوسرے کی طرف دیکھ کر ہنس پڑے۔ میجر حسن نے نظروں ہی نظروں میں اسے تنبیہ کی۔
’’جی نہیں۔ کچھ بھی کہنے کی ضرورت نہیں۔‘‘ لبنیٰ ان کی شرارت سمجھ گئی تھی۔
’’ارے نہیں لبنیٰ جی۔ صاف بات کہہ دینے سے میجر حسن رضا صاحب ہی کیس میں ملوث ہوں گے کہ یہ مجھے گھسیٹ کر یہاں لائے ہیں اور یہ رشوت دے کر کہ وہ تو عظمیٰ بھابھی کے دیدار سے سیراب ہوں گے کام ہمارا بھی بن جائے گا۔‘‘
میں ہونّق بنی ان سب کا منہ دیکھتی رہی۔
’’ٹھیک ہے۔۔۔ ٹھیک ہے۔۔۔ شک کی کوئی گنجائش نہیں۔ آپ جو سزا دیں بندہ بھگتنے کو حاضر ہے۔‘‘ میجر حسن اسد بے حد خوش تھے۔
’’تو پھر چلےے اندر۔‘‘ لبنیٰ نے ان کا ہاتھ تھام لیا اور جس دکان میں عظمیٰ گئی تھیں وہیں لے آئی۔ وہ بھی کچھ خریداری کا بہانہ کر کے ہی آئے تھے۔ ہماری مرضی پر بہت کچھ انہوں نے بھی لے لیا۔
اور جب سزا کے طور پر میجر حسن اسد ہوٹل میں کھانا کھلا رہے تھے تب رضا اسد نے کرسی گھسیٹ کر لبنیٰ کے مقابل بیٹھتے ہوئے سوال کیا۔
’’لبنیٰ! کیا تم نے اپنی دوست کو یہ نہیں بتایا کہ ہم تمہارے ہونے والے شوہر نامدار ڈاکٹر رضا اسد ہیں؟‘‘
لبنیٰ کا چہرہ گُل رنگ ہوگیا۔ اس نے نظریں جھکالیں۔ مجھے لبنیٰ پر غصہ آیا جس نے اتنی رازداری برتی تھی۔ بھلا یہ بھی کوئی چھپانے والی بات تھی۔
’’رضا اسد! مہربانی کہ آپ نے مجھے حقیقتِ حال سے آگاہ کیا۔ بس آج کے بعد اس کی میری دوستی ختم کیونکہ ہمیں کسی قابل سمجھا ہی نہیں گیا۔‘‘
میں سخت غصے میں تھی۔ لبنیٰ نے پریشان ہو کر میری طرف دیکھا۔
’’فضّہ جی! اس سے قبل میری آپ کی ملاقات تو ہوئی نہیں میں تو سرخرو ہوں کہ جوں ہی آپ سے ملا اپنا اور آپ کا رشتہ آپ پر واضح کر دیا۔
’’ہاں ورنہ کسی اور گڑبڑ کا خدشہ بھی ہوسکتا تھا۔‘‘
میجر حسن نے معصوم انداز میں نظریں جھکائے جھکائے ایک شوشہ چھوڑا۔
’’حسن بھائی۔۔۔!‘‘ رضا اسد احتجاجاً چلّائے۔
’’کیا آپ مجھے اتنا لوفر، لفنگا سمجھتے ہیں؟‘‘
’’اور بھی بہت کچھ برخوردار۔۔۔!‘‘ وہ اب بھی مطمئن انداز میں جواب دے رہے تھے۔
’’اب دیکھو نا۔ ہم نے عظمیٰ کا انتخاب کیا۔ تم نے جھٹ لبنیٰ کے لےے اپنا نام پیش کر دیا۔ ہم نے منگنی کی تقریب ارینج کی۔ تم نے اپنا پھڈا ساتھ ڈالا۔ ہم نے شادی کا سوچا تم نے بھی تجویز ڈیڈی کے حضور پیش کر دی۔ وہ تو شکر ہے لبنیٰ بی بی ابھی بی۔اے نہیں ہوسکیں ورنہ شاید ہم سے پہلے تمہاری شادی کی تقریب سلیبریٹ کی جاتی اور آج ہی دیکھ لو میں صرف عظمیٰ کی خاطر بازار آیا تو تم نے سوچا میں کیوں پیچھے رہ جائوں۔ تم بھی اپنی کھٹارا میں یہاں آدھمکے۔‘‘
’’اس کا مطلب تویہ ہے کہ جو کچھ آج کل ہورہا ہے کوئی موروثی مرض ہی ہے جو سب کو ایک ساتھ لگ گیا ہے۔‘‘
رضا اسد نے تشویش بھرے انداز میں کہا تو میجر حسن اسد نے فوراً پوچھا۔
’’ہائیں۔۔۔ یہ کیا۔۔۔ کیا وہ ہمارا برخوردار محسن اسد بھی اسی مرض میں مبتلا ہے؟‘‘
’’خبر نہیں۔ گھر جا کر پوچھیں گے اور اگر اس کے ساتھ کوئی حادثہ اب تک نہیں ہوا تو اسے دو چار بار انار کلی بھیج دیں گے۔ کوئی نہ کوئی قیامت اثر کر ہی جائے گی اس پر بھی۔‘‘
رضا اسد نے کسی انجانی ہستی پر چوٹ کی۔ میں نے اس کمپنی میں خاصا لطف محسوس کیا اور احساسِ تحفظ بھی۔ واپسی میں میجر حسن اسد تو کسی کام سے چلے گئے اور رضا اسد نے ہمیں گھر ڈراپ کیا۔
تیل کی رسم والے دن امّاں جان نے میرے پانچ چھ خوب صورت جوڑے اور مختلف زیورات ایک با اعتماد ملازم کے ہاتھ بھجوائے جو میں نے کالج سے واپسی پر وصول کر لےے۔
آنٹی عتیق نے گھر کا سارا نظام عظمیٰ اور لبنیٰ کی سہیلیوں پر چھوڑ رکھا تھا۔ جن میں سرِ فہرست میں تھی۔ اپنے گھر میں تو مجھے ہِل کر پانی پینے کی اجازت بھی نہ تھی ۔ایک ایک قدم پر خادمائیں خدمت کے لےے آمادہ رہتی تھیں۔ یہاں پر میں آزاد تھی۔ کام کرنا بے حد اچھا لگ رہا تھا۔ ان دنوں میں نے کچن کے کافی کام خود اپنی مرضی سے سنبھال رکھے تھے۔ چائے تو بس میری ذمہ داری تھی۔ اور اب تو انکل عتیق میرے ہاتھ کی چائے کے عادی سے ہوگئے تھے۔ عظمیٰ ان دنوں صرف شوق کے تحت ایک سوٹ پر گوٹے کا جال بنا رہی تھیں۔ لبنیٰ بھی ان کے ساتھ شریک رہتی۔ باقی لڑکیاں شام کے بعد اپنے گھروں کو چلی جاتیں اور میں تنہا لبنیٰ کے کمرے میں بیٹھی کسی میگزین میں غرق رہتی۔ کبھی کبھار رضا اسد آدھمکتے تو وقت اچھی طرح کٹ جاتا۔ آٹھویں دن شادی تھی۔ پورے آٹھ دن مایوں میں بیٹھی عظمیٰ جی خوب نکھرتی جارہی تھیں۔ میجر حسن اسد فون پر بار بار رابطہ قائم کرتے۔ عظمیٰ کی ایک جھلک کے لےے اس قدر بے قرار تھے کہ لبنیٰ کو اور مجھے خاصی موٹی رشوت کی آفر کرتے۔ لیکن ہم نے انہیں کوئی ایسا موقع فراہم نہ کیا۔ ان کی بے تابیاں ہمیں بے حد لطف دیتیں۔ شادی سے دو روز قبل لڑکیوں نے عظمیٰ کے کمرے میں خوب ہنگامہ مچایا۔ بیاہ کے گیتوں کی ریہرسل گلا پھاڑ پھاڑ کر کی۔ عظمیٰ کی شریر سہیلیوں نے کچھ نئے گیت بھی سسرال والوں کی خاطر تواضع کے لےے تیار کےے۔
میں اس ہنگامے میں صرف سننے کی حد تک شامل رہی۔ اور جب لبنیٰ ،آنٹی عتیق کے ساتھ بازار چلی گئی تو میں اندر کمرے میں چلی آئی۔ ابھی میرے قدم دروازے میں ہی تھے کہ فون بول اٹھا۔
ان دنوں سب سے زیادہ فون میجر حسن اسد ہی کیا کرتے تھے۔ مجھے یقین تھا اب بھی وہی ہوں گے۔
’’ہیلو۔۔۔!‘‘
(جواب میں خاموشی)
’’ہیلو۔۔ کون صاحب؟‘‘
’’سخت حیرانی ہے۔ اس گھر میں ہم سے یہ پوچھا جائے کہ کون صاحب؟‘‘ میجر حسن اسد نے بڑے عجیب لہجے میں کہا۔
’’جی ہاں۔ پوچھا ہی جائے گا کیونکہ ہم لوگ کسی ایرے غیرے سے بات نہیں کرتے۔‘‘
’’دیکھےے۔ آپ اپنے بارے میں تو بتائیں کہ آپ کون ہیں؟‘‘ آواز میں شوخی تو ذرّہ برابر نہ تھی جو کہ میجر حسن احمد کے لہجے کا خاصا تھی۔
’’آ پ باخوبی جانتے ہیں کہ میں کون ہوں؟‘‘
’’تو پھر آپ کو خبر ہونا چاہےے کہ میں کون ہوں؟‘‘
’’نہیں۔ آپ سے تو تب پوچھا جائے گا جب آپ اپنا مکھڑا سہرے میں چھپائے رخصتی کرانے کے لےے آئیں گے۔‘‘ میں نے انہیں چھیڑا۔
’’اُف کون نا معقول ہو تم۔ بات کرتے ہی رخصتی پر آمادہ ہوگئیں۔ دیکھو لڑکی! میں کوئی لوفر لفنگا نہیں اور نہ ہی مجھے چہرہ سہرے میں چھپانے کا شوق ہے۔ شاید زندگی بھر ایسا نہ ہوسکے۔‘‘
اب میں میجر حسن اسد کے اس اُکھڑے روےے پر سخت متعجب سی ریسیور ہاتھ میں لےے کھڑی جواب سوچ رہی تھی۔ جانے کیا تھا۔ مجھے تو یوں لگا کہ میجر حسن اسد اپنے حواسوں میں ہی نہ تھے۔
’’حسن بھائی! خیریت تو ہے آج آپ کیسی باتیں کر رہے ہیں۔‘‘
’’جی میں میجر حسن اسد نہیں ان کا چھوٹا بھائی محسن اسد بول رہا ہوں۔‘‘ ایک زبردست قہقہہ میرے کانوں میں گونجا۔ ’’آپ بھی غلط فہمی کا شکا ہوگئیں۔ دراصل میری اور حسن بھائی کی آواز بے حد ملتی جلتی ہے۔ خصوصاً ٹیلی فون پر تو بالکل کوئی فرق محسوس نہیں ہوتا۔‘‘
میں جھینپ سی گئی۔ چند لمحے قبل کی صورت حال کا خیال کر کے میں تو میجر حسن سمجھ کر اور بھی نہ جانے کیا کچھ کہہ جاتی۔
’’ویسے آپ کی تعریف؟‘‘ اس نے پوچھا۔
’’جی میں لبنیٰ کی دوست ہوں۔‘‘
’’آئی سی۔ عظمیٰ بھابھی سے کہہ دیں۔ ممّی خاص قسم کی خریداری کے لےے انہیں لینے آرہی ہیں تیار رہیں۔ اللہ حافظ۔‘‘ اس نے فون بند کر دیا۔
دوسرے دن مہندی تھی۔ سب سے پہلے مہندی کے تھال سجائے پھلوں اور میووں کی ٹوکریاں پیک کر کے رکھیں اور پھر اپنی اپنی تیاریوں میں لگ گئے۔ مہندی کلر کے جال لگے سوٹ میں بھاری دوپٹہ اور کام کی مناسبت سے زیور پہن کر میں ہال میں آئی تو آنٹی نے آگے بڑھ کر میری پیشانی چومی اورمیری بلائیں لیں۔ اسد ولا میں بڑی رونق تھی۔ میجر حسن اسد بڑے سارے ہال میں سجے سجائے دیوان پر گائو تکےے کے سہارے کُرتے پاجامے میں ملبوس بہت اچھے لگ رہے تھے۔ ان کے قرب و جوار میں ان کے کزنز اور دوست موجود تھے۔چاروں طرف سے فلیش لائٹس کی بہتات تھی۔ چاروں کونوں میں کیمرے موجود تھے۔ ایک ایک حرکت محفوظ کی جارہی تھی۔ ڈاکٹر رضا اسد نے بھی کرتا اور پاجامہ زیب تن کر رکھا تھا۔ ان کی والہانہ نظریں بے اختیار لبنیٰ کا طواف کر رہی تھیں۔ رضا اسد کے دوست فقرہ بازی کر رہے تھے۔ لبنیٰ حسن اسد کے قریب جا بیٹھی اور اس نے مجھے بھی گھسیٹ کے ساتھ بٹھا دیا۔ کئی تعریفی و توصیفی نظریں میرے گرد بھی تھیں اور میں سب سے بے نیاز کچھ خاموش سی بیٹھی تھی۔
’’حسن بھائی! آپ کی سالیاں مراقبے میں ہیں کیا؟‘‘ رضا اسد نے چوٹ کیا۔
’’یہ دونوں ہمارے یار کی فکرمیں ہیں۔‘‘ جانے کون تھا یہ۔
’’وہ کیوں؟‘‘
’’بھئی، کل رات یہ اپنے آپ سے تو گئے۔ گزر جائیں گے جان سے۔‘‘
’’معاف کیجےے۔ یہ فکر لگائیں تو آپ لگائیں۔ ہم تو اس لےے خاموش ہیں کہ یہ شیطانوں کا ٹولہ جو ہمارے دولہا بھائی کے کان بھرنے والا ہے ایسے میں ہماری عظمیٰ جی کا کیا ہوگا۔‘‘ لبنیٰ نے جھٹ سے جواب دیا۔
’’وہی ہوگا جو منظورِ خدا ہوگا۔‘‘ یہ آواز سامنے دروازے سے آئی تو سب کے ساتھ میں نے بھی دروازے کی طرف دیکھا۔ اونچے پورے قد کا وہ نوجوان دروازے میں ایستادہ تھا۔ گھنگھریالے بالوں سے ڈھکے سر کے ساتھ۔ بڑی بڑی خوب صورت آنکھوں میں شوخی و شرارت بسائے۔ سیاہ مونچھوں تلے مسکراتے لبوں سے جھانکتے قطار اندر قطار دانتوں سمیت۔ سیاہی مائل بھوری آنکھیں اس کے صحت مند گندمی چہرے کو بے حد پرکشش بنا رہی تھیں۔
’’اوہ میرے یار۔ تُو آہی گیا۔‘‘
میجر حسن اسد نشست سے اٹھ کر اس کے قریب گئے۔ بے تابی سے گلے لگالیا اسے۔
’’کہاں گیا تھا یہ بانگڑو؟‘‘ میجر حسن اسد کے ایک دوست نے پوچھا۔
’’مشقی پروازیں تھیں نا۔ سرگودھا میں ہی تھا۔ چھٹی بھی بہت مشکل سے ملی ہے اور وہ بھی صرف تین دن کی۔‘‘
میجر حسن اسد اسے اپنے ساتھ لپٹائے لپٹائے مسند کی طرف آگئے۔ رضا اسد نے بھی اسے ہاتھوں ہاتھ لیا۔ وہ اپنی کہے جارہا تھا۔
’’فہد بھائی پرسوں میں آنکھ بچا کر ادھر آگیا تھا۔ صبح آیا اور شام میں واپس چلا گیا۔ بس عظمیٰ بھابھی کو مایوں میں بیٹھا دیکھنے کا شوق تھا۔‘‘
’’جی نہیں، صرف یہی نہیں بلکہ ان کے ساتھ شاپنگ کرنے کابھی۔‘‘ رضا اسد نے اطلاع فراہم کی تو وہ ہنس پڑا۔
’’میں نے کوئی خطا نہیں کی بھیا۔ وہ تو ممی نے کہا تھا۔ میں تو کسی سعادت مند خدمت گار کی طرح ان کے ساتھ رہا تھا۔ پپا کے اونچے عہدے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انٹر کان میں ایک عدد وقت کا کھانا آنٹی فیروز سے کھایا تھا اور بس۔۔ چلا گیا تھا۔‘‘ وہ بے حد ہشاش بشاش نظر آرہا تھا۔ رشتے دار لڑکیوں کا ہجوم ارد گرد جمع تھا۔ محسن اسد متلاشی نظروں سے چاروں طرف جانے کیا دیکھ رہا تھا۔ ہر چہرے پر شناسائی کے سائے ڈھونڈ رہا تھا۔ مجھے اپنی اور اس کی گفتگو یاد آرہی تھی۔ ایک ایک لفظ۔۔۔ حرف بہ حرف۔۔۔ اور خوا مخواہ ہی میں شرمندہ سی ہوئی جارہی تھی۔ خدا کرے اسے کبھی یہ علم نہ ہو کہ فون پر میں نے اس سے بات کی تھی۔
’’محسن بھائی، آپ کا فون۔‘‘ کوئی لڑکی اس سے مخاطب تھی۔
’’مگر کسی لڑکی کا تو نہیں نا۔‘‘ اس نے خوف زدہ نظر آنے کی بھرپور کوشش کی۔ ’’حیران ہوں یہاں پہنچتے ہی کسے ہماری ضرورت پڑ گئی۔‘‘
’’سر جواباً یہ گھبراہٹ کیسی؟‘‘ جانے کون تھا پوچھنے والا۔
’’گھبراہٹ سی گھبراہٹ سعدی بھائی۔ لڑکیاں پہلی بار بات ہوتے ہی رخصتی کا کہنے لگتی ہیں۔ سہرے وہرے کی بات کرنے لگتی ہیں۔‘‘
میں جو نظریں جھکائے بیٹھی تھی بوکھلا اٹھی۔ جھٹ میری نظریں محسن اسد کے چہرے پر ٹک گئیں اور تو کوئی سمجھا یا نہیں پر محسن اسد مجھے پہچان گیا۔ نظروں ہی نظروں میں یہ پیام مجھے مل گیا کہ تم وہی ہو اور کوئی نہیں۔ پھر فون ریسیو کرنے چل دیا۔ محسن کے واپس آنے تک آنٹی اسد اور انکل بھی وہاں آچکے تھے اور ان کے ساتھ دوسرے رشتہ دار بزرگ بھی۔ مہندی کی رسم ہونے لگی۔ لبنیٰ نے نیگ وصول کیا۔ میجر حسن اسد ہتھیلی سامنے کےے چپ چاپ مہندی لگواتے رہے۔ لڑکیوں نے ڈھولک پھاڑ ڈالنے کی بھرپور سعی کی۔ رضااسد اور میجر حسن اسد کے دوستوں نے نہ صرف ہتھیلی پر مہندی لگائی بلکہ چہرے اور بے داغ لباس کو بھی نشانہ بنایا اور حسن اسد خاموشی سے سماج کا یہ ظلم سہتے رہے۔ محسن اسد نے چاندی کے تھال میں سے مہندی لے کر حسن اسد کے ہاتھ پر رکھی۔ اس وقت سب لوگ حسن اسد کے ارد گرد ہی تھے۔ محسن اسد نے سب کی آنکھ بچا کر میرے زرتار دوپٹّے سے اپنے ہاتھ پونچھ لےے۔
’’شکریہ۔ واش بیسن تک جانے سے بچالیا آپ نے۔‘‘ اپنے خوب صورت دوپٹے کا یہ حشر میرے لےے سخت تکلیف دہ تھا۔
’’یہ کیا کیا؟‘‘
’’میرا خیال ہے بتانے کی ایسی ضرورت بھی نہیں۔ آپ دیکھ رہی ہیں۔‘‘
’’جانتے ہیں کتنا قیمتی دوپٹا ہے۔‘‘ میں غصے میں تھی۔ اپنے کپڑوں کی بے حد حفاظت کیا کرتی تھی۔ میری آنکھیں بے بسی کے احساس سے بھر آئیں۔
’’جی ہاں۔ اور یہ بھی کہ مہندی رنگ کا ہے۔ دیکھےے نا مہندی رنگ پر اگر مزید مہندی کا رنگ چڑھ گیاتو شان دوبالا ہوجائے گی۔‘‘
وہ تو ذرّہ برابر بھی شرمندہ نہ تھا۔ اس کی گہری نظریں ہنوز میرے سراپا پر جمی تھیں۔
’’سخت غصے میں ہیں آپ۔ کیا آپ کو اچھا نہیں لگ رہا کہ اس حرکت کے سبب شاید ہم ایک دوسرے کو بہت عرصے تک یاد رکھیں۔ خصوصاً آپ۔ کیونکہ رنگ آپ کے دوپٹے پر چڑھے گا۔‘‘
’’جی نہیں۔ لگتا ہے آپ آداب سے بالکل ناواقف ہیں۔‘‘ میں نے دل کا غبار نکالنا چاہا۔
’’اتنا بگڑنے کی ضرورت نہیں۔ لائےے میں دوپٹا دھو لاتا ہوں۔‘‘ آخری الفاظ تک وہ سعادت مند لگنے لگا تھا۔ اس کی معصومیت پر میں بے اختیار مسکرا پڑی۔ مصالحتی انداز نے مجھے بے حد نرم کر دیا۔
’’چھوڑےے۔ مہندی رنگ مہندی رنگ میں چُھپ ہی جائے گا۔‘‘
’’چلےے خدا کا شکر ہے کہ با ت آپ کی سمجھ میں آگئی۔‘‘
لڑکیاں ادھر متوجہ ہونے لگی تھیں۔ میں وہاں سے کھسک گئی۔
دوسرے دن دولہا کے ساتھ دولہا کے بھائیوں کی سج دھج بھی دیکھنے کے قابل تھی۔ لبنیٰ نے میرے لےے ڈارک بلیو بنارسی سوٹ کا انتخاب کیا تھا۔ اور میرے بنائو سنگھار میں بھی کوئی کمی اٹھا نہیں رکھی تھی۔ بھاری بنارسی غرارہ سنبھالے بڑا سا دوپٹا اوڑھے میں تمام لوگوں میں کھڑی خوامخواہ ہی شرمائے جارہی تھی۔ مجھے خبر ہی نہ تھی کہ کب وہ میرے قریب آکر رک گیا۔ نظر اٹھی تو بس اٹھی ہی رہ گئی۔ میں اسے پہچان بھی نہ پائی تھی۔ سیاہ شیروانی، سفید براق پاجامے اور سلیم شاہی جوتے میں وہ مغلیہ عہد کا کوئی شہزادہ ہی نظر آرہا تھا۔ میرے متوجہ ہوتے ہی وہ مسکرانے لگا۔
’’آپ وہی ہیں نا مہندی رنگ کے سوٹ والی۔ واللہ میں آپ کوپہچان نہیں سکا۔ آپ یہ کیسے روپ میں سامنے آئی ہیں۔ کسی مغل شہزادی کا گمان ہورہا ہے۔‘‘ میں لجا سی گئی۔
’’آپ کا نام کسی سے پوچھنے کی جرأت نہ کر سکا۔ کیا آپ بتانا پسندکریں گی؟‘‘
’’فضّہ عبداللہ خان۔‘‘ بے اختیار میں کہہ اٹھی لیکن یہ نہ بتا سکی کہ میں ہیلتھ منسٹر کی اکلوتی بیٹی تھی۔ یہ بات تو میں نے یہاں کسی کوبھی نہ بتائی تھی کیونکہ یہ میرے بابا عبداللہ خان کا حکم تھا۔ میں پابندِ شرع خاندان کی پہلی بیٹی تھی جو تعلیم کی غرض سے تنہا اس شہر میں تھی اور پردے کی حدود و قیود سے آزاد تھی۔ یہ سوچتے ہوئے مجھے خبر نہ تھی کہ میں مسلسل محسن اسد کو ہی دیکھ رہی تھی۔
’’آپ یقینا اس لباس کو دیکھ رہی ہیں۔ دراصل کچھ تو مما کی خواہش تھی کچھ دخل میرے ارادے کا بھی۔ میں نے سوچا اگر کوئی رخصتی پر آمادہ ہوجائے تو صرف سہرے میں چہرہ چھپانے والا مسئلہ ہی باقی ہو۔ اور سب کام تیار ہو۔‘‘ وہ معنی خیز طریقے پر مسکرایا۔ میں سُرخ پڑ گئی۔
’’آپ نے تو ایک غلط فہمی کو موضوع ہی بنادیا۔ یقین جانےے میں سمجھی تھی میجر حسن اسد ہیں۔‘‘
’’چلےے کچھ بھی تھا۔ ہمیں تو خوشی ہے کہ وہ اتفاقی غلط فہمی بری نہ تھی۔ سچ جانےے ہم تو اسے زندگی کا حاصل سمجھ بیٹھے ہیں۔‘‘
میں نے ہڑ بڑا کر اس کی طرف دیکھا۔
’’آپ کی آوا زسنی، دل میں اُتر گئی۔ آپ کی صورت دیکھی ساری دنیا سے مختلف اور جدا نظر آئی۔ آپ۔۔۔ آپ۔۔۔‘‘
’’چلو یار باہر چلو۔ ڈیڈی تمہیں پکار رہے ہیں۔ نکاح ہونے والا ہے۔‘‘ رضا اسد بڑی جلدی میں تھے۔ انہوں نے مجھے دیکھا ہی نہیں۔ محسن اسد ان کے ساتھ باہر کو چل دیا۔
اور میں لبنیٰ کے کمرے میں آگئی۔ جہاں خوشبوئوں کا راج تھا۔ یا بکھرے ہوئے کپڑے تھے۔ دروازہ لاک کر کے میں کتنی دیر دلِ نادان کو سنبھالتی رہی۔ آئینے میں اپنے آپ سے نظر ملاتے ہوئے بھی لاج سی آتی رہی۔ وہ شخص بھی تو میرے دل میں اتر گیا تھا۔ ساری دنیا سے جدا اور منفرد لگا تھا اس کے خمدار گھنیرے بالوں میں میرا دل کہیں اٹک کر رہ گیا۔ اس کی گمبھیر آواز کانوں میں سرورسا انڈیلتی رہی۔ رخصتی کے وقت بہ مشکل عظمیٰ جی تک جا سکی اور جب انکل عتیق عظمیٰ جی کو الوداع کہہ رہے تھے محسن اسد بھی پاس ہی کھڑا تھا۔
’’ہم بہت جلد عبداللہ خان صاحب کے پاس حاضر ہوں گے کہ ایسی دعائوں کے ساتھ فضّہ عبداللہ خان کو ہمیں دے دیجےے۔‘‘
جاتے جاتے بھی وہ سرگوشی کر گیا اور انجانی خوشیوں بھرے لمحوں کا تصور کر کے میں لجا سی گئی۔
ولیمے کی شام تیار ہوتے ہوئے میں نے خاصا اہتمام کیا۔ سفید کامدار ساڑھی اور سفید ہی بلائوز کے ساتھ میں نے پلاٹینم کا خوب صورت نیکلس اور آویزے پہنے۔ مومی ہاتھوں کی انگلیاں بقول لبنیٰ انگوٹھیوں سے سجی بے حد اچھی لگتی تھیں۔ سلور چین کی نازک سی رسٹ واچ کلائی میں باندھتے ہوئے مجھے بھی احساس ہوا کہ لبنیٰ سچ ہی کہتی تھی۔ جس وقت ہم لوگ اسد ولا پہنچے تقریباً مہمان آہی چکے تھے۔ رضا اسد اور محسن اسد داخلی گیٹ پر موجود تھے۔ مجھے دیکھتے ہی محسن اسد کے لبوں پر ایک دل فریب اور آسودہ سی مسکراہٹ رینگ گئی۔ وہ بے اختیار میرے سراپا میں کھویا رہا۔ رضا اسد انکل عتیق اور آنٹی کو لے کر آگے بڑھ گئے لبنیٰ اپنی دوستوں میں الجھ گئی۔ جو گیٹ کے قریب تھیں۔اور میں محسن اسد کے ساتھ اندر جانے لگی۔ اس کی کلائی کے گرد ایک خوب صورت گجرا لپٹا تھا۔ موتےے اور گلاب کے ترو تازہ پھولوں سے گندھا یہ گجرا۔ اس نے میری طرف بڑھایا۔
’’اس حسین شام کے صدقے اسے شرفِ قبولیت بخش دیجےے۔‘ ‘ وہ خاصا مرعوب سا لگ رہا تھا۔ کہیں سے بھی شوخی اور شرارت نظر نہ آرہی تھی۔ اس کی پرکشش آنکھوں کی التجا جانے کیوںمیں نہ ٹھکرا سکی۔
’’شکریہ۔‘‘ میں نے گجرا لے لیا۔
’’آپ ہر بار نئے انداز میں سامنے آکر صرف مجھے چونکاتی ہیںیا سب اہلِ محفل کو۔‘‘ وہ ایک بار پھر مجھے غور سے دیکھ رہا تھا۔
’’سوچتا تھا جو میری نظر کا انتخاب ہو سارے زمانے سے علیحدہ اور بے مثال ہو۔ بس آپ وہی ہیں فضّہ عبداللہ۔ کیا سچ مچ آپ میرے لےے ہی اس دنیا میں آئی ہیں؟‘‘
نگاہوں میں جہانوں کی پیاس لےے وہ مجھے تک رہا تھا۔
’’ہاں محسن اسد! میں نے تو شاید کبھی کسی کے بارے میں سوچا تک نہ تھا لیکن تمہیں دیکھ کر یہ خیال آیا کہ تم میرے لےے ہی ہو۔‘‘ یہ سوچتے ہوئے ایک فخر و انبساط کا احساس رگ و پے میں اتر گیا۔ گجرا میں نے گلے میں ہی ڈال لیا کہ اس کا سب سے مناسب مقام یہی تھا۔
کھانا کھاتے ہوئے محسن اسد میرے قریب ہی رہا۔ پھر اس نے اپنے چند دوستوں سے بھی میرا تعارف کرایا اور جب میں عظمیٰ جی کے پاس بیٹھی رضا اسد کی دل چسپ باتوں میں کھوئی تھی میں نے ہال کے دوسرے کونے کی طرف دیکھا۔ محسن اسد دریچے میں کھڑا اتنا اداس لگ رہا تھا کہ جیسے ابھی کچھ دیر پہلے وہ ہنسا بولا تک نہ ہو۔ جی چاہا بھاگ کر اس کے پاس چلی جائوں لیکن کچھ آدابِ محفل بھی تھے۔ تھوڑی دیر بعد لبنیٰ کہیں سے آئی۔
’’فضّہ! لان میں تمہاری کچھ دوست موجود ہیں اور تم سے ملنے کی خواہش مند۔‘‘
میں تو محسن اسد کی ذات میں گُم تھی۔ اس دخل در معقولات پر مجھے غصہ آیا لیکن باہر چل دی۔ وہ ہماری کالج فیلو تھیں بڑی مشکل سے چند منٹ ان کے ساتھ گزار کر میں لوٹی تو کاریڈور میں مجھے محسن اسد مل گیا۔ وہی لٹا لٹا انداز۔۔۔ ویسا ہی کھویا کھویا۔ اس کی نگاہیں بڑی پُراسرار سی لگ رہی تھیں۔ لیکن مجھے ان نگاہوں سے خوف محسوس نہیں ہوا۔ میرے اندر کی عورت اس راز سے واقف ہوگئی تھی۔ یہ نگاہیں ایک پیغام لےے پھر رہی تھیں۔
’’فضّہ عبداللہ!‘‘ وہ جلدی سے میرے قریب آیا۔ ’’میرا کمرا نہیں دیکھیں گی؟‘‘
خواب ناک سے ماحول میں ہر چیز مجھے محسن اسد کی نظروں کی طرح پُراسرار سی لگ رہی تھی۔ لمحہ بھر دروازے پر رکی رہی۔ پھر محسن اسد نے مجھے صوفے پر لا بٹھایا۔ گھڑیاں خاموشی سے بیتی جارہی تھیں۔ محسن اسد میرے سامنے بیٹھا شاید بات کرنے کے لےے الفاظ ہی نہ ڈھونڈ پارہا تھا۔
’’فضہ عبداللہ! سچ بتائےے آپ کوئی ساحرہ ہیں کیا؟ آپ نے مجھے ایک دم بے چین و بے قرار کر دیا ہے حالانکہ ایسا تو میں کبھی نہ تھا۔ ابھی تو میں نے زندگی کے لےے بہت کچھ کرنا تھا۔ ابھی تو مجھے آگے جانا تھا۔ آپ میرے حواس پر چھا گئی ہیں۔ فضّہ عبداللہ! کیا آپ کے دل میں بھی۔۔۔؟‘‘
وہ بات مکمل نہ کر سکا۔ خاموش ہوگیا۔
’’محسن اسد! فضّہ بھی تو سخت بے چین ہے۔ بے قرار ہے۔ وہ بھی سرتاپا تمہاری محبت میں غرق ہے۔ اسے بھی تمہارے اقرار کی طلب ہے۔‘‘
میری نظروں کا خاموش پیام با آسانی اس کے دل تک رسائی پاگیا۔ ماحول کی فسوں خیزی پر میں گھبرا گئی۔ موضوع بدل دینا چاہا۔
’’آپ کب جارہے ہیں؟‘‘
’’ابھی کچھ دیر بعد۔ اسی لےے تو اس قدر بے چین تھا کہ کہیں دل کی بات آپ تک پہنچائے بغیر ہی نہ جانا پڑجائے۔‘‘
’’پھر کب آئیں گے۔‘‘ یہ بے تاب دل کا سوال تھا۔ محسن اسد ایک دم ہی مجھے بھی ذات کی اہم ترین ضرورت لگنے لگا تھا۔
’’آپ منتظر رہیں تو بار بار آئیں گے۔ بہت جلد آئیں گے۔‘‘ میری بے تابی اسے پسند آئی تھی۔ بے حد خوش نظر آنے لگا تھا۔
’’اتا پتا جاننے کی ضرورت تو نہیں پھر بھی اس قدر ضرور پوچھوں گا کہ۔۔۔۔‘‘ وہ میری جائے رہائش کے بارے میں پوچھ رہا تھا۔ میں نے فوراً جواباً کہا۔
’’ملتان۔‘‘
’’ٹھیک ہے۔ اتنی راہنمائی کافی ہے۔ باقی معاملات میں بندہ اپنی دانش استعمال کر کے عبداللہ خان صاحب کے درِ اقدس تک پہنچ جائے گا۔‘‘ میں اس کا مطلب جان کر شرما سی گئی۔
خخخخ
’’فضّہ۔۔۔!‘‘
’’ہوں۔۔۔‘‘
’’اتنی خاموش کیوں ہو؟‘‘
’’وہم ہے تمہارا۔ ٹھیک ٹھاک ہوں میں۔‘‘
میں نے صورت حال مخفی رکھنے کی کوشش کی۔ عجیب موسم دل و ذہن پر چھایا تھا۔ خزاں کے موسم سے ملتا جلتا۔ دل کہیں لگ ہی نہ رہا تھا۔ صبح سے کئی بار میں مہندی رنگ کے اس دوپٹے کو دیکھ چکی تھی جس پر محسن کے ہاتھوں کا لمس اب بھی محسوس ہورہا تھا۔ میں نے وہ سوکھی مہندی اتارنے کی کوشش بھی نہیں کی۔ آج ویک اینڈ تھا۔ لبنیٰ کے اصرار کے باوجود میں اس کے گھر نہیں جارہی تھی۔ بلکہ اسے بھی ہوسٹل میں ہی روک رکھا تھا۔ دل بے طرح اداس تھا۔ لڑکیاں پکنک کی غرض سے شالامار جاچکی تھیں۔ ہوسٹل میں تنہائی اور ویرانی تھی۔ کبھی کبھی میٹرن کی آواز سنّاٹوں کو چیر دیتی یا ٹیلی فون کی گھنٹی۔ لبنیٰ بھی مجھ سے تنگ آئی بیٹھی تھی، بولی۔
’’اگر ٹھیک ٹھاک ہو تو چلو۔ ایک چکر عظمیٰ جی کے گھر کا لگا آتے ہیں۔ بہت دن ہوئے اسد ولا میں گئے ہوئے۔ اور سنو فضّہ کل شام محسن کا فون آیا تھا۔ تمہارا پوچھ رہا تھا۔ آج گیارہ بجے آگیا ہوگا گھر۔ چل نا یار اچھی گزر جائے گی۔‘‘
میرا دل دھڑک دھڑک اٹھا۔ فضائیں بول اٹھیں۔ تنکا تنکار پکارنے لگا۔ خوشی بن کر رقص کرنے لگا۔
ظاہر داریوں کا بھرم رکھنے کی خاطر میں نے کہا۔
’’نہیں۔ جانا ہو تو تم چلی جائو۔ میرا کچھ اسٹڈی کرنے کا موڈ ہے۔‘‘
’’فضّہ پلیز۔ دیکھو نا اکیلی جاتی ہوئی اچھی لگوں گی۔ چلی چلو میجر حسن اسد بھی تمہیں بے حد یاد کرتے ہیں۔‘‘
’’ہاں ہاں۔ یہ بھی تو کہو کہ ڈاکٹر رضا اسد بھی مجھے بے حد مس کرتے ہیں۔‘‘ میں نے اسے چھیڑا۔
’’واہ! تمہیں کیوں مس کرنے لگے؟‘‘ لبنیٰ نے جھٹ کہا۔
’’اسی لےے تو کہتی ہوں زیادہ ہی ملنے ملانے کا شوق ہورہا ہے تو میں فون کےے دیتی ہوں۔ آنے بہانے اسد ولا جانے کی کیا ضرورت ہے۔ پھرلینا تفریحی جگہوں پر کرلینا تجدیدِ عہد۔‘‘
’’چلنا ہے تو چلو ورنہ میرا دماغ نہ چاٹو۔‘‘ لبنیٰ چڑ گئی۔
’’چلو کیا یاد کرو گی۔ تمہاری منّت سماجت ضائع ہو فضّہ کو یہ گوارا نہیں۔‘‘ میں نے رعب جمایا۔
اور جب ہم فٹ پاتھ پر کھڑے ٹیکسی کا انتظار کر رہے تھے میجر حسن اسد کی گاڑی عین ہمارے سامنے آکر رُکی۔
’’ہیلو گرلز۔‘‘ گاڑی روک کر وہ کھڑکی سے باہر جھانکے۔
’’ہیلو حسن بھائی۔‘‘ لبنیٰ کے ساتھ ساتھ میں بھی انہیں دیکھ کر خوش ہوگئی۔
’’واہ بھئی واہ! آج تو ہم نے مان لیا کہ دل کو دل سے راہ ہوتی ہے۔ سچ بتانا گرلز تم ہماری طرف ہی آرہی تھیں نا۔‘‘ وہ بڑے خلوص سے کہہ رہے تھے۔
’’اور جا بھی کہاں سکتے ہیں حسن بھائی۔‘‘ لبنیٰ نے جواباً کہا۔
’’ہاں ملّا کی دوڑ مسجد تک۔ لبنیٰ جی کی دوڑ ڈاکٹر رضا اسد کے درِ دولت تک۔‘‘ میں نے جلے دل کے پھپھولے پھوڑے تو لبنیٰ مجھے کچّا چبا جانے والی نظروں سے دیکھتی گاڑی میں جا بیٹھی۔ گیٹ پر محسن اسد مل گیا۔ لگتا تھا وہ اسی انتظار میں ہی کھڑا تھا۔ اسے دیکھ کر خوش گوار دھڑکنیں من میں ہلچل مچا گئیں۔
’’میجر حسن اسد ہمیشہ سے میرے محسن تھے ۔ آج تو احسانوں کا بوجھ کچھ اور بھی زیادہ ہوگیا۔‘‘
محسن نے ساتھ ساتھ چلتے ہوئے سرگوشی کے انداز میں کہا۔
’’وہ کیسے؟‘‘ میں نے فوراً پوچھا۔
’’انہیں میں نے ہی تو بھیجا تھا۔ بے چارے دوڑے چلے گئے۔‘‘میں نے رک کر ایک نظر اسے دیکھا تنبیہی انداز میں۔
’’سچ فضہ عبداللہ تم بن خود کو ادھورا محسوس کرنے لگا ہوں اتنے بڑے گھر میں بلکہ اتنے خوب صورت شہر میں دل کہیں بہلتا نظر نہیں آرہا تھا۔ ہوسٹل کے باہر کتنے چکڑ لگالےے میں نے صبح سے۔ لیکن اندر جانے کی ہمت نہ ہوئی۔ دراصل ایک بہت بڑی خبر تھی۔‘‘
لبنیٰ کو ادھر متوجہ ہوتا دیکھ کرمیں آگے بڑھ گئی۔ محسن کی بات ادھوری رہ گئی۔ رضا اسد ڈرائنگ روم کے دروازے پر مل گئے۔
’’ایک بہت بڑی خوش خبری۔‘‘ وہ چلائے۔
لبنیٰ کے ساتھ ساتھ میں بھی ہمہ تن گوش ہوگئی۔
’’رضا بھائی۔ پلیز ایسے نہیں بتائےے۔‘‘ محسن اسد نے فوراً انہیں ٹوکا۔
’’تو کیسے؟‘‘ رضا اسد نے پوچھا۔
’’مابدولت جب یونیفارم میں ان کے سامنے آئیں گے تو خود بخود ہی یہ خبر ان تک پہنچ جائے گی۔‘‘
’’اوہ تو محسن جی! اس کا مطلب ہے کہ آپ خیر سے فلائٹ لیفٹیننٹ ہوگئے۔ مبارک ہو۔ مبارک ہو۔ بس ایک منٹ سے بھی قبل ہمارا منہ میٹھا کرایا جانا چاہےے۔‘‘ لبنیٰ نے ایک دم ہی مٹھائی کامطالبہ کر ڈالا۔
’’دھیرج ڈیئر کزن دھیرج۔ اسی لےے تو آپ کو بلوایا ہے۔ کل شام کچھ لوگوں کو بلایا ہے ہم نے۔ پھر آپ تو خصوصی مہمان ہیں۔ جی بھر کے منہ میٹھا کیجےے گا۔‘‘
’’اے۔۔۔‘‘ لبنیٰ کے تیور بدل گئے۔
’’جی فرمائےے۔‘‘ محسن نے امپریس ہونے کی اداکاری کی۔
’’ہمارا شمار عوام الناس میں کب سے ہوگیا۔ اس گھر میں آخر ہماری بھی کوئی حیثیت ہے۔‘‘
’’بجا فرمایا آپ نے۔ رضا بھائی پلیز ان کا منہ میٹھا۔۔۔‘‘محسن نے یہ ذمہ داری رضا اسد پر ڈالی۔
’’تو یہ منہ میٹھا یہاں پر نہیں ہوسکتا۔ جانا پڑے گا ہمارے سنگ۔‘‘
’’کہاں؟‘‘ لبنیٰ کے بجائے میں بول اٹھی۔
’’جہاں ہم لے چلیں۔‘‘ رضا اسد کی جگہ محسن نے جواب دیا۔
’’چلےے چلےے انکار کسے ہے بھلا۔ لیکن ون منٹ میں ذرا عظمیٰ جی سے مل لو۔‘‘ لبنیٰ اندر بڑھ گئی۔
اتنے میں میجر حسن اسد بھی ہمارے پاس آگئے۔
’’گڈ گرل۔ تم نے محسن کو مبارک دی؟‘‘ آتے ہی وہ مجھ سے مخاطب تھے۔ میری نظریں ان کی طرف اٹھیں اور پھر بے ختیار محسن پر جا ٹکیں۔
’’جی نہیں۔ کیا خبر یہ بات کہاں تک درست ہے۔ جب تک ہم انہیں یونیفارم میں نہیں دیکھیں گے ایک لفظ بھی نہیں کہیں گے۔ ہوسکتا ہے یہ سرگودھا میں تیل بیچتے رہے ہوں۔‘‘ میں شوخ سی ہوگئی۔
’’محترمہ! یقین کیجےے، کے۔جی سے لے کر اب تک ہم نے فارسی کا ایک لفظ نہیں پڑھا پھر تیل کہاں سے بیچتے۔‘‘
’’تیل بیچنے کے علاوہ بھی بہت کچھ ہوسکتا ہے۔ ممکن ہے آپ پر والا جہاز اڑانے کے بجائے بے پر کی اڑاتے رہے ہوں۔‘‘
میجر حسن اسد ان لمحوں میں تشویش ناک حد تک سنجیدہ لگ رہے تھے۔ رضا اسد کے ساتھ ساتھ میں بھی ہنس پڑی۔
’’جی ہاں، یہ تو تب ہی پتا چلے گا جب کل میں اپنا جہاز عین اس وقت اس علاقے میں لائوں گا جب آپ صاحبان لان میں خوش گوار فضائوں کا لطف اٹھا رہے ہوں گے۔‘‘ محسن نے ہنس کر جواب دیا۔
تب رضا اسد نے بتایا محسن کو جاب لاہور میں ہی ملی تھی۔ اور کل ہی اسے ڈیوٹی جوائن کرنا تھی۔
کیفے کا رخ کرتے ہوئے ہمارے ساتھ عظمیٰ جی بھی تھیں۔ خنک ماحول میں لذیذ اور پُرلطف کھانا کھاتے ہوئے دل چسپ گفتگو کا سلسلہ جاری رہا۔ واپسی میں رضا اسد لبنیٰ کے ساتھ چلے گئے۔ میجر حسن اسد کو اپنا ایک ضروری کام یاد آگیا اور محسن اسد مجھے اور عظمیٰ جی کو گھر لے آیا۔ خوش گوار دنوں کی خوب صورت سی سہ پہر۔۔۔ میں محسن کے ساتھ تھی۔ عظمیٰ کافی دیر ہمارے ساتھ ڈرائنگ روم میں بیٹھی رہیں۔ ان دنوں وہ بے حد اَپ سیٹ تھیں۔ بس آرام ہی آرام مطلوب تھا انہیں۔
میجر حسن اسد نے زبردستی ہم دونوں کی چھٹی کرادی اور ہوسٹل سے رات کے قیام کی اجازت بھی لے آئے۔
شام کو میں بڑے دنوں بعد کسی گھر کے کچن میں تھی۔ جانے کہاں سے خانہ داری کا شوق آن ٹپکا تھا۔ میں نے اور لبنیٰ نے رات کا کھانا اپنے ہاتھوں سے بنایا۔ مرغ روسٹ کیا۔ بریانی دم پر لگائی، رائتہ بنایا، سلاد کے لےے تمام سبزیاں نفاست کے ساتھ سجائیں اور اس کے بعد ڈاکٹر رضا اسد کی پسند پر متنجن بنانے کی تیاریاں شروع کر دیں۔
چاول اُبال کر ایک طرف رکھے ہی تھے کہ محسن اسد کچن میں آگیا۔ لبنیٰ جانے کہاں چلی گئی تھی۔ میں نے جلدی سے گھی دیگچے میں ڈالا۔ کڑکڑاتے ہوئے گھی میں چینی اور دوپیالیاں پانی ڈال کر چاشنی تیار کرنے لگی۔ محسن کی گرم جوش نگاہوں کے زیرِ اثر میرے ہاتھ کانپ رہے تھے۔ قدم لڑکھڑا رہے تھے۔ چمچہ ہلاتے ہوئے بارہا ہاتھ گڑبڑائے۔ میں نے کن انکھیوں سے اس کی طرف دیکھا۔ بازو سینے پر لپیٹے وہ عین قریب کھڑا میری ہر حرکت کو بنظر غور دیکھ رہا تھا۔
’’کچن انوکھی اشتہا انگیز خوشبوئوں میں بسا تھا۔ خانساماں کے بدلے رویّوں کا سوچ کر ادھر چلا آیا۔ یہاں آکر پتا چلا کہ خانساماں کے روےے نہیں انسان بدلا ہوا ہے۔ آپ کی ماما بہت سلیقہ مند خاتون لگتی ہیں۔ انہوںنے آپ کو بہت سکھا دیا ہے۔ مشکور ہوں ان کا۔‘‘ وہ بے حد خوش تھا۔ اب اسے کیا خبر کہ اپنے محل نما گھر میں مجھے ہِل کر پانی پینے کی اجازت نہ تھی۔ یہ سب کچھ تو میں نے اپنے شوق اور محنت سے سیکھا تھا۔ میں نے اسے دیکھا تو وہ والہانہ وارفتگی سے مجھے تکتا ہوا شاید میرے دل میں اُتر جانے کا خواہاں تھا۔
’’فضّہ۔۔۔ فضّہ۔۔۔! پاپا چاہتے ہیں رضا بھائی کے ساتھ ہی وہ میری شادی کے فرض سے بھی سبک دوش ہوجائیں۔ فضّہ کیا ایسا نہیں ہوسکتا کہ زندگی کا سفر ہم تم مل کر ہی طے کریں۔ تم میرا انتخاب ہو فضہ۔ دیکھو اقرار کے خوب صورت لفظ ہاں سے میرا دستِ سوال بھر دو۔ پلیز فضّہ۔‘‘
محسن اسد چند ماہ میں میری خاطر اتنا سنجیدہ تھا۔ کائنات کا پہلا مرد جسے میرے دل تک پہلے روز ہی رسائی ہوگئی تھی۔ یہ تو میں نے کبھی سوچا ہی نہ تھا کہ وہ مجھے یوں طلب کرے گا۔
’’آہم۔۔۔ آہم۔۔۔‘‘ کوریڈور سے لبنیٰ کے کھنکھارنے کی آواز آئی تو میں چونکی۔ میں نے جلدی سے چاول دیگچے میں ڈال کر انہیں ہلایا۔ لب و رُخسار کی سرخی کا احساس خود مجھے بھی ہورہا تھا۔ میں نظریں اٹھا ہی نہ پائی۔ نظریں ملانے کی ہمت جو نہیں تھی۔
’’لبنیٰ جی! سخت بھوک لگ رہی ہے۔ ایمان سے کچن آپ لوگوں نے کیا سنبھالا ڈنر کا ٹائم ہی بدل گیا۔‘‘
’’اطلاعاً عرض ہے کہ ایسا کوئی کڑا وقت نہیں ہے صرف ساڑھے سات بجے ہیں جبکہ حسن بھائی نو بجے سے قبل کھانا کھاتے ہی نہیں ہیں۔‘‘
’’حسن بھائی کا خیال، رضا بھائی کا خیال کبھی ہمارا خیال بھی رہتا ہے آپ کو؟‘‘
’’آپ کا خیال کرنے والے سلامت رہیں۔ ہمیں کیا پڑی ہے۔‘‘ میں نے اُسے گھورا۔ محسن اسد باہر کو بھاگا۔
’’سویرے تو یہاں آنے پر سو بار انکار تھا اور اب یہ حالت ہے فضّہ کی بچی۔ ہماری بلّی ہمیں ہی میائوں۔ تجھے تو سمجھ لوں گی۔‘‘ اس کے جاتے ہی لبنیٰ نے مجھے جھاڑ پلائی۔ میں سرخ ہوتی ہوئی مسکراتی رہی۔
’’جو کہتی رہو۔ تمہیں اختیار ہے ہمیشہ الٹی سیدھی بکا کرتی ہو۔‘‘
’’خیر اب تو سیدھی سادھی آنکھوں دیکھی ہی کہہ رہی ہوں۔ تو یہ چکر تھا میں بھی کہوں صبح نخرے بازی آخر کس سلسلے میں تھی۔ اب یہ منّت سماجت کا چکر تو وہ فضائیہ کے ہوا باز ہی چلا سکتے ہیں ہم تو کان کھینچ کر ہی رکھیں گے۔‘‘
میں نے متنجن میں پھر چمچہ ہلایا۔ پانی خشک ہوچکا تھا۔ لیکن۔۔۔ لیکن۔۔۔ یہ کیا چاول تو اس قدر سخت ہوگئے گویا انہیں ابلنے کا تو کیا بھیگنے کا شرف بھی حاصل نہ رہا ہو۔ سخت سراسیمگی کے عالم میں میں نے دم لگا دیا۔
کھانے کی میز پر دوبارہ جو دیدار نصیب ہوا تو حالت پہلے سے بھی ابتر تھی۔ باقی سب کھانوں کا کریڈٹ رضا اسد بڑے فخر سے لبنیٰ کو دےے جارہے تھے جبکہ متنجن کی بربادی کا الزام خالص میرے نام تھا۔ اور لبنیٰ صاحبہ اس کی چشم دید گواہ۔ وہ میرے قریب ہی بیٹھی تھی۔
’’بتادو سب کو۔ متنجن تو بس ناز نخروں کی نذر ہوگیا ہے۔‘‘
لبنیٰ کا فقرہ محسن اسد کے کانوں نے بھی سن لیا۔
’’یہ سچ مچ آپ کی کاوش ہے فضّہ عبداللہ۔‘‘
محسن یکسر انجان بنا مجھ سے پوچھ رہا تھا جو کہ اس سانحے کا اصل ذمہ دار تھا۔ مجھے تو اس توہین پر سچ مچ رونا ہی آرہا تھا۔
’’اگر یہ آپ نے ہی بنایا ہے تو پھر انعام کی مستحق ہیں۔‘‘ وہ اب بھی انجان ہی بنا تھا۔
’’باخدا ایسا متنجن نہ آج تک کسی نے بنایا تھا نہ کوئی بنائے گا۔‘‘ وہ جانے کس انداز میں کہہ رہا تھا۔
’’اظہارِ وفا کے لےے ایسی غیر مناسب جگہ کا انتخاب نہ پہلے کسی نے کیا تھا اور نہ آئندہ کوئی کرے گا۔‘‘ لبنیٰ نے ایک اور سرگوشی کر کے مجھے تنگ کرنے کی کوشش کی۔
’’تمہارا کیا خیال ہے لبنیٰ! میں میز چھوڑ کر دوسرے کمرے میں چلی جائوں؟‘‘ میں سچ مچ ناراض ہوگئی تھی لبنیٰ سے۔
’’اوہ نو۔ نیور۔۔ مائی سویٹ فضّہ عبداللہ! با خدا میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں بلکہ دعا ہے کہ تم مستقل اسی میز پر ہی کھانا کھائو۔ ہمیشہ ہی ایک فیملی ممبر کی حیثیت سے۔‘‘ اس کے لہجے میں شرارت کے ساتھ خلوص کی سنجیدگی بھی تھی۔ اس کے یہ الفاظ میرے من میں جل ترنگ سا بجا گئے۔
خخخخ
صبح دم ابھی میں کمرے میں ہی تھی۔ ناشتے کی میز لگ چکی تھی اور لبنیٰ مجھے آنے کا کہہ کر باہر جاچکی تھی۔ میں آئینے کے سامنے کھڑی اپنا تنقیدی جائزہ لے رہی تھی۔ تبھی آئینے کی سطح پر اچانک ایک چہرہ ابھرا تو میں نے یک دم پلٹ کر دروازے کی طرف دیکھا۔
فضائیہ کی نئی نئی اُجلی یونیفارم میں وہ بے حد نکھرا نکھرا اور روز سے یکسر مختلف لگ رہا تھا۔ میں اپنی جگہ ساکت و جامد سی اسے دیکھتی رہ گئی۔ پی کیپ سے ذرا نیچے اس کی بڑی بڑی ساحر آنکھیں گاگلز کی اوٹ سے بھی والہانہ انداز سے میری آنکھوں میں جھانک رہی تھیں۔
بے حد شاندار لگ رہا تھا وہ نظر لگ جانے کی حد تک۔ وہ دو قدم آگے بڑھ کر میرے قریب آیا اور مجھے سلیوٹ دے مارا۔ دوسرے ہاتھ میں مومی لفافہ تھا جس میں سے بیلے اور گلاب کے پھول شوخی کے ساتھ جھانک رہے تھے۔
اس نے لفافہ میری طرف بڑھایا۔
’’فضّہ عبداللہ کے لےے اپنی زندگی کے اہم ترین دن اس سے قیمتی کوئی تحفہ منتخب نہ کر سکا۔‘‘
’’مگر صبح ہی صبح۔۔۔؟‘‘ میں بے حد حیران تھی۔
’’جی ہاں، صبح ہی صبح۔ دیکھےے نا کسی مالی کا بیٹا تو نہیں ہوں کہ صبح ہی باغوں میں جا کر آپ کے لےے گجرا گوندھتا۔ رات کو لبنیٰ نے ایک پل کے لےے آپ کو تنہا نہ چھوڑا۔ میں نے گجرا ریفریجریٹر میں رکھ دیا تھا۔ لایا تو رات انار کلی سے تھا۔‘‘
لگتا تھا محسن کوپھولوں سے بے حد پیار تھا۔ دوسری بار وہ مجھے تحفے میں یہ پھول دے رہا تھا۔
میں نے انہیں بالوں میں سجالیا اور اس کے ساتھ ہی باہر چلی آئی۔ شام کو ہوسٹل واپس آنے تک وہ ہنوز میرے بالوں میں تھے اور اُن کی مہک مجھے محسن کی قربت کا احساس بخش رہی تھی۔
خخخخ
امتحان ختم ہونے تک میں اور محسن اجنبیت کی ساری دیواریں عبور کر کے ایک دوسرے کے لےے لازم و ملزوم بن گئے تھے۔ یوں لگتا کہ دوری تو کبھی تھی ہی نہیں۔ ازل سے ہم دونوں کا ساتھ تھا۔
اس قربت کو لبنیٰ کی شادی نے اور بھی جِلا بخش دی جو رضا اسد کی ضد پر ہنگامی طور پر سلیبریٹ کی گئی تھی۔ لبنیٰ نے بے حد شور مچایا لیکن اس کے احتجاج کو ذرّہ برابر اہمیت نہ دی گئی۔
عظمیٰ جی ان دنوں بس مکمل طور پر بیڈ پر ہی تھیں۔ لہٰذا تمام انتظامات میں مجھے ہی پیش پیش رہنا پڑا۔ محسن کے سب دوست مدعو تھے۔ ہم لوگوں نے بھی اپنے کالج کی کافی لڑکیوں کو مدعو کیا تھا۔
میری واپسی میں چند روز باقی تھے۔ امتحانوں سے فراغت کے بعد دل و دماغ ہر قسم کے بوجھ سے آزاد تھے۔ میجر حسن مجھے عزیز ترین بہن کی طرح چاہتے تھے۔ ان کے حکم پر میں نے یہ چند دن ان کے ساتھ ہی گزارے۔
ایک سہ پہر جبکہ شام کے سائے ابھی کچھ دور ہی تھے۔ عظمیٰ جی سب کے ساتھ لان میں بیٹھی چائے پی رہی تھیں۔ محسن ابھی ابھی ڈیوٹی سے آف ہو کر آیا تھا۔ یونیفارم میں ہی تھا چائے کی شدید طلب محسوس کرتے ہوئے ہم سب میں بیٹھ گیا۔ لبنیٰ، میں، ڈاکٹر رضا اسد اور خود میجر حسن اسد آنے والے بچے کے نام کے بارے میں سوچتے ہوئے شدّو مد سے اپنا اپنا موقف بیان کر رہے تھے۔ مختلف نام سامنے تھے۔ فیصلہ نہ ہوسکتا تھا کہ کون سا نام موزوں ترین ہے۔ لبنیٰ کی اپنی پسند تھی۔ رضا اسد کی علیحدہ رائے تھی۔ میجر حسن اسد بے چارے تو اپنا کوئی حق ہی نہ سمجھ رہے تھے۔ بس ہم لوگوں کے تجویز کردہ ناموںپر تبصرہ کر رہے تھے۔
’’بس کہہ جو دیا ہے۔ فائنل نام ماورا ہی ہے۔‘‘ میں نے دو ٹوک انداز میں فیصلہ سنادیا۔
’’ہمارے ہونے والے بھانجے صاحب کا نام طلحہ ہی ہوگا۔ یہ میرا آخری فیصلہ ہے۔‘‘ لبنیٰ نے کہا۔
’’کیا بات ہے؟ میری سمجھ میں کچھ بھی نہیں آیا۔‘‘ محسن پریشان تھا۔
’’بس احمقوں کی بحث ہے دانائوں کی سمجھ میں کہاں سے آئے گی۔‘‘ عظمیٰ جی نے حصہ لیا گفتگو میں۔
’’بھئی بات یہ ہے کہ گھر میں فرقہ واریت پیدا ہوگئی ہے۔ ایک فریق کا کہنا ہے کہ بیٹاہوگا جس کا نام طلحہ رکھا جائے گا جبکہ دوسرے فریق کا موقف ہے کہ بیٹی ہوگی جس کا نام ماورا رکھا جائے گا۔‘‘
’’ماورا۔۔۔ لاحول ولا۔ یہ بھی کوئی نام ہے۔ کس نامعقول نے یہ نام سوچا؟‘‘ محسن نے پیالی میز پر رکھی۔ میں نے اسے گھورا۔ لبنیٰ نے الزام دھرنے کے انداز میں کہا۔
’’یہ محترمہ فضّہ عبداللہ کو سوجھا ہے کل شام سے۔‘‘
’’ایک دم غیر دلچسپ، حسن بھائی! لوگوں کو آپ نے یہ اجازت کیوں دی کہ وہ آپ کے بچوں کے دنیا میں آنے سے قبل ہی ان کے الٹے سیدھے نام رکھ کر غریبوں کی پرسنالٹی خراب کریں۔‘‘ وہ بھی حرفوں کا بنا تھا۔ مخالفت میں بولنے کا ڈھنگ جانتا تھا۔ میجر حسن سمیت سب ہنس پڑے اور میں جل بھن گئی۔
’’اور جناب انہیں کہاں سے خبر ہوئی کہ بیٹی ہوگی۔ ہمیں تو بیٹا چاہےے۔اپنے جیسا گبرو جوان۔‘‘ اس نے اپنے آپ کو دیکھنے کی بھرپور کوشش کی۔
’’تو منہ دھو رکھےے۔ آپ کوئی غیب دان تو نہیں ہیں۔‘‘ میں چڑ گئی۔
’’ٹھیک ہے ہو جائے بیٹی لیکن یہ سن لیں کہ اس کا نام ماورا نہیں ہوگا۔‘‘ اس نے بات ختم کی تو لبنیٰ نے فاتحانہ انداز میں میری طرف دیکھا۔ میں برتن سمیٹنے کے بہانے اٹھی اور برتن لے کر اندر ہی چلی گئی۔
شام ڈھل چکی تھی۔ اذانیں چہار سو گونج رہی تھیں۔ میں نے وضو کر کے جائے نماز کا رخ کیا۔
ابھی نماز پڑھ کر ہٹی ہی تھی کہ محسن وہیں آگیا۔ قالین پر بیٹھتے ہوے اس نے مجھے مخاطب کیا۔
’’دیکھو بیٹی ہونے کی دعا نہ مانگنا۔‘‘ میں نے دعا مکمل کرتے ہوئے اس کی طرف دیکھا۔
’’مجھے حق ہی کیا ہے۔‘‘
’’ہاں، میں تو یہ قرار داد اسمبلی تک بھجوانے کی سوچ رہا ہوں کہ ہر انسان کو صرف اپنے بچوں کے نام رکھنے کا حق ہونا چاہےے۔‘‘ ضبط کے باوجود ہنسی پھوٹ پڑی۔
’’پگلی‘‘ وہ سنجیدہ تھا۔ ’’ناراض ہوگئیں۔‘‘ اس نے جھک کر مجھے دیکھا۔
’’باتیں ہی ایسی ہوتی ہیں آپ کی۔‘‘
’’ارے بھئی تم سے کس نے کہا کہ اتنے پیارے نام لوگوں کو دان کرتی پھرو۔‘‘
میں نے حیرت سے اسے دیکھا۔
’’ہم اپنی بیٹی کا نام ماورا رکھیں گے ٹھیک ہے نا۔ ماورا کا مطلب جانتی ہو۔ مجھے تو بہت پسند ہے یہ نام۔‘‘
کیا تھا یہ شخص۔ وہاں کس مزے سے تنقید کر رہا تھا اور اب۔
’’اف محسن! اللہ تم سے سمجھے۔‘‘ لبنیٰ وضو کر کے باتھ روم سے نکلی۔ وہ ہنستے ہوئے کہہ رہی تھی۔
’’اچھا، اچھا تو یہ پیش بندی صرف اپنی خاطر تھی۔ بہت چالاک ہوبچّو! سمجھ لیں گے تمہیں بھی۔‘‘
محسن نے چونک کر اس کی طرف دیکھا اور پھر کھلکھلا کر ہنس پڑا۔
’’ارے آپ کو کیا لبنیٰ بھابھی! آپ تو ویسے ہی بیٹیوں کے حق میں نہیں۔ یقین کریں ہم اپنے بیٹے کانام طلحہ نہیں رکھیں گے۔‘‘
میں صادق گنج لوٹ آئی ، ہزاروں وعدہ ایفائی کے وعدوں سمیت سب لوگ مجھے چھوڑنے آئے۔ ایئر پورٹ پر پورا وقت محسن میرے ساتھ رہا۔
’’میں انتظار کروں گا فضّہ عبداللہ آخری سانس تک۔ ویسے تم بڑی ظالم ہو۔ کم از کم فون نمبر ہی دے دو۔‘‘
’’آپ اسی شہر لاہور میں ہی ہیں نا اسی ملک پاکستان میں، اگر آپ کسی اور ملک میں بھی چلے جائیں فضّہ آپ کو ڈھونڈ لے گی محسن! مجھ پر یقین رکھیں۔‘‘
’’اوکے۔‘‘ وہ دل پر جبر کر کے مسکرایا۔
صادق گنج کے در و دیوار بھی مجھے پا کر خوش تھے۔ کجا صادق گنج کے باسی۔ بابا جان ان دنوں اسلام آباد میں تھے۔ آتے ہی میں نے فون پر ان سے بات کی اور بتایا کہ ان کے حکم کے مطابق میں نے ایم۔اے کرنے کا خیال چھوڑ دیا ہے۔
لبنیٰ کو اپنے بخیریت یہاں پہنچ جانے کی اطلاع بھی دی۔ محسن اسد گھرپر نہ تھا۔ اس سے بات نہ ہوسکی۔
دراصل ان سب لوگوں کے لےے میری ذات ایک معمہ تھی۔ وہ سب یہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ میں کون تھی۔ کالج میں بھی میرا ایڈریس ملتان میں موجود ایک بہت پرانی قیام گاہ کا تھا۔ اگر انہیں علم ہوتا کہ میں نواب عبداللہ خان کی اکلوتی نورِ نظر ہوں تو شایدلبنیٰ عتیق کبھی میری طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانے کی جرأت ہی نہ کرپاتی۔ میں چاہتی تھی کہ اب اپنا آپ ان سب پر عیاں کردوں لیکن اس سے قبل میں باباجان سے بات کرنا چاہتی تھی۔
بابا جان لوٹے تو آتے ہی انہوں نے ایک تقریب منعقد کی، میرے بخیر و عافیت گھر آجانے کی خوشی میں۔ جس میں سرفراز خان بھی شریک تھا۔ بڑی مدّت بعد میں نے اپنے چچا کے بیٹے سرفراز کو دیکھا تھا۔ بھاری بھرکم سحر انگیز شخصیت کا مالک سرفراز خان بے حد خوبرو جوان تھا۔ بالکل رومی شہزادوں کی مانند سرخ و سفید اور جسیم۔ تقریب میں وہ مجھ سے بے تکلف ہونے کی کوشش کرتا رہا۔ لیکن میں بھلا کیسے توجہ دے پاتی۔ میرا دل، میرا دماغ اسد ولا کی رونقوں کی یاد میں تھا۔ جہاں زندگی ہر قسم کی تصنّع اور بناوٹ سے پاک تھی، جہاں پُرخلوص دل تھے اور سچی مسکراہٹوں سے جگمگاتے چہرے۔
خخخخ
’’امی جان! پلیز آپ یہ بات من و عن بابا جان کو بتا دیجےے۔‘‘
’’فضّہ بیٹی! خاندان میں آج تک ایسا کبھی نہیں ہوا۔‘‘
’’میں آپ کی بیٹی ہوں امی جان! جسے آپ دنیا کے خزانوں پر ترجیح دیتی ہیں۔ وہ بہت اچھا لڑکا ہے۔ مجھے ایک باشعور لڑکی ہونے کے ناتے یہ کہنے میں کوئی باک نہیں کہ میں اسے پسند کرتی ہوں۔‘‘
’’تمہیں علم ہے نا تم پیدا ہوتے ہی سرفراز خان کے نام لگا دی گئی تھیں۔‘‘ امی جان نے مطلع کیا۔
’’یہ سب زمانۂ جاہلیت کی فرسودہ رسمیںہیں۔ ہم نئے اور باشعور دور کی پیداوار ہیں۔ شادی میرا مسئلہ ہے۔ لڑکا اور لڑکی دونوں کا رضامند ہونا ضروری ہے۔ میں اس کے بغیر سہولت سے نہ جی سکوں گی۔ امی جان! پلیز آپ بابا جان کوقائل کرلیجےے۔ وہ ایک بار اس سے مل تو لیں، اسے دیکھ تو لیں۔‘‘
’’فضّہ! تم نادان ہو۔ معاشرے میں اپنے باپ کی حیثیت کا اندازہ لگائو اور پھر کوئی ایسا فیصلہ کرو۔‘‘
’’کم وہ بھی نہیں ہے اس کے ڈیڈی سفارت کار ہیں، آج کل جنیوا میں ہیں۔‘‘
’’میں نے ان سے کہا تھا۔ انہوں نے جواب دیا کہ ایسے کئی سفارت کار شب و روز میرے آگے پیچھے پھرا کرتے ہیں۔ مجھے ا س ماحول میں ان کے ساتھ جینا ہے۔ یہ کبھی نہ ہوسکے گا۔‘‘
میں بے اختیار بالی عمر کی لڑکیوں کی طرح رونے دھونے لگی۔
’’بس اسی دن کے خوف سے میں تمہارے باہر جانے کے حق میں نہ تھی۔ میں بہت جلد یہ معاملہ ان کے سپرد کردوں گی۔ بھگتتے رہیں خود ہی اپنی لاڈلی کو۔‘‘ امی جان اس وقت مجھے دنیا کی ظالم ترین خاتون لگ رہی تھیں۔
میں نے ان کے پیر تھام لےے۔ یہ سعی کئی روز سے جاری تھی۔ لیکن بات بنتی نظر نہ آرہی تھی۔ میں نے محسن کے بارے میں تفصیلاً تو نہیں پھر بھی بہت کچھ بتا دیا تھا ان کو، لیکن معاملہ صفر ہی تھا۔ امی جان کا ذہن تو اس حادثے کو قبول کرنے پر ہی تیار نہ تھا جو محبت بن کر میرے جسم و جان پر گزر گیا تھا۔
اسی وقت بابا جان کمرے میں داخل ہوئے۔ آنسو مسلسل میری پلکوں سے گر کر میرا دامن تر کرتے چلے جارہے تھے۔
’’فضّہ!‘‘ ان کی بھاری آواز کی کرختگی نے ایک بار تو میرا دل دہلا ہی دیا۔
’’یہ سب کیا ہے؟ مجھے اپنے خون سے اس حماقت کی توقع نہ تھی۔‘‘
میںنے اشک پینے کی جدوجہد میں ہی ان کی طرف دیکھا وہ قہر و غضب کا پیکر بنے تھے۔
’’فضّہ ! میں نے تمہیں گریجویشن کی اجازت دے دی اس لےے کہ میں خود تعلیم نسواں کا حامی ہوں اس کا یہ مطلب تو نہ تھا کہ ہم سے دور ہو کر تم جینے کی راہیں بھی خود ہی منتخب کرتی رہو۔ مجھے دکھ ہے کہ تم نے میرے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی۔ جو شخص اپنے آپ کو نہ پہچان سکے۔ اسے جینے کا حق ہی نہیں ہے۔ تم نواب خاندان کی بیٹی ہو۔ لاہور میں، میں کبھی تم سے ملنے نہ آسکا۔ تمہیں اپنی اصلیت بتانے کی اجازت نہ دے سکا۔ اس لےے کہ مجھ میں عام لوگوں کی نظروں کا مقابلہ کرنے کی جرأت نہ تھی۔ اس محل کی بیٹیاں محل کے اندر رہ کر ہی زندگی بسر کرتی آئی ہیں۔ تمہاری خاطر، تم جو میری واحد اولاد میری نورِ چشم تھیں۔ میں نے وہ روایت توڑ ڈالی، لیکن اس کے بعد کوئی روایت نہیں ٹوٹے گی۔ جو کچھ ہوا سے بھلانے کی کوشش کرو۔ رزلٹ آتے ہی ہم تمہاری شادی کا سوچ رہے ہیں کیونکہ سرفراز خان بھی انگلینڈ سے واپس آچکا ہے۔‘‘
میں ایک لفظ نہ کہہ سکی۔ بابا جان اسی طرح غصے کے عالم میں باہر نکل گئے۔
یہ سرد جنگ کتنے دن جاری رہی۔ اس کشمکش میں مبتلا میں اپنے مبتلائے محبت کو اپنی خیریت کی خبر بھی نہ دے سکی۔ میں نے بھوک ہڑتال کردی۔ خود کو اپنے کمرے میں مقید کر دیا۔ تین دن اسی عالم میں گزر گئے۔ میری ضد اور ثابت قدمی نے بابا جان کومیرے کمرے تک آنے پر مجبور کر دیا۔
ان کے چہرے پر پریشانیوں کی کئی سلوٹیں تھیں۔ وہ جھکے جھکے سے تھے۔
’’فضّہ! تم نے اپنے بابا کو یہ دکھ بھی دینا تھا۔ تم ہماری کمزوری تھیں۔ اولاد ہونے کے ناتے اس سے تم نے خوب فائدہ اٹھایا۔ جو تم چاہو گی وہی ہوگا مگر ایک شرط کے ساتھ۔ میرے خاندان میں جائیداد ہمیشہ عورت کے نام ہی رہی ہے۔ اگر تمہاری شادی سرفراز خان کے ساتھ ہوتی تو نہ صرف میری بلکہ سرفراز کے بابا کی جائیداد بھی تمہارے نام ہوتی لیکن محسن اسد سے شادی کے وقت میں تمہیں اپنی تمام منقولہ و غیر منقولہ جائیداد سے بے دخل کردں گا۔ اور اس کے بعد یہ سب کچھ میرے بھتیجے کے نام ہوگا۔ ہوسکتا ہے کہ تمہیں شان و شوکت سے رخصت کرنے کا حوصلہ بھی پیدا نہ کرسکوں۔ ہوسکتا ہے اس کے بعد۔۔۔‘‘
وہ رک گئے۔ ’’نہیں فضّہ! شاید میں زندگی کے ہر موڑ پر تمہیں دیکھنے کی آرزو کرتا رہوں۔ تم ان لوگوں کو مطلع کردو۔ میں بھی آرزوئوں کی لاش دفنانے کے انتظامات مکمل کرتا ہوں اور یہ سب کچھ بہت جلد ہوجانا چاہےے۔‘‘
ان کے شفیق چہرے پر اس وقت پیار کی ایک ہلکی سی جھلک بھی نہ تھی۔ لیکن مجھے خبر تھی کہ ان کا دل اب بھی میری محبت سے معمور تھا۔ انہوں نے مجھے زندگی بخش دی۔
میں نے لاہور کے لےے کال بک کرائی۔ محسن اسد کے نام۔ بات ہوتے ہی انہوں نے عظمیٰ جی کا بیٹا پیدا ہونے کی نوید سنائی۔ پھر میں نے اسے بابا کی رضامندی کا بتایا۔
’’اوہ گڈ گاڈ۔ میری دعائیں رنگ لے ہی آئیں۔ میں کب آئوں فضّہ؟ پلیز جلدی سے مجھے بتائو کوئی دن۔ کوئی گھڑی۔‘‘ نہ جانے کیوں میں بجھی بجھی سی تھی۔
’’جب دل چاہے محسن اسد۔‘‘ اب اسے کیا بتاتی۔ اس کی خاطر کتنے سمندر، کتنے دریا حالات کی تلخیوں کے عبور کرنا پڑے تھے۔
وہ دل کا حال مجھے سناتا رہا۔ ’’فضّہ! تم بن ایک پل چین سے نہ گزار سکا۔ کہیں بھی قرار نہ آیا۔ نہ فضائون میں نہ زمین پر۔ سخت دشمن ہو میری۔ جانا ہی تھا تو سکون کی دولت تو بخش جاتیں۔ سکون تو صرف تمہاری قربت میں ہی مل سکتا ہے محسن اسد کو۔‘‘
وقت ختم ہوگیا تھا۔ لائن کٹ گئی۔ باتیں ادھوری رہ گئیں۔ رات مستقبل کے بارے میں سوچتے ہی گزر گئی۔ آئندہ زندگی کا پورا نقشہ میرے سامنے آگیا۔
محسن اسد کے سنگ زندگی گزارنے کے تصور میں بابا کی دولت اور ان کی جائیداد کا خیال بھی تو ساتھ ساتھ تھا۔ مجھے تو محسن اسد کی جاب سے بھی کوئی لگائو نہ تھا۔ میں نے سوچ رکھا تھا کہ شادی کے بعد محسن اسد کو کسی تگ و دو کی ضرورت نہیں رہے گی۔ بس وہ تو زندگی کا ایک ایک لمحہ میرے سنگ گزارے گا۔ اپنے ملک میں یا ملکوں ملکوں۔ میں نے سوچا، بابا کی جاہ و حشمت سے جدا ہو کر میں صرف ایک عام سی عورت، ایک ہوا باز کی بیوی بن کر رہ جائوں گی۔ جسے ہر ماہ مشاہرے کے طور پر چند ہزار مل جایا کریں گے جو میرے بابا کے قانونی مشیر کی تنخواہ کے برابر بھی نہ تھے۔ میں بے مایہ لوگوں کے مسائل سے آگاہ نہ تھی پھر بھی حالات کی تلخی میں نے محسوس کر ہی لی۔ محسن کے ڈیڈی کے پاس گلبرگ کی اس کوٹھی کے علاوہ تھا بھی کیا جو ان تینوں بھائیوں کی ملکیت تھی۔ وہ اچھی طرح زندگی گزار رہے تھے۔ تو اس میں انکل عتیق کی تنخواہ کے علاوہ تینوں بھائیوں کی کمائی بھی ماہ بہ ماہ خرچ ہوجاتی تھی۔ غرض ان کی فیملی کسی طور پر معاشی لحاظ سے بابا جان کے پاسنگ بھی نہ تھی۔
یہ وہ حقیقتیں تھیں جہاں آکر میری محبت کے جذبے تھوڑے تھوڑے پسپا ہونے لگے تھے۔ کمزور پڑنے لگے تھے۔
میں نے آنکھ کھول کر دولت ہی دولت دیکھی تھی۔ شہرت ہی شہرت پائی تھی۔ حکمرانی ہی حکمرانی تھی۔ میں شغلاً اسد ولا کا کچن تو سنبھال سکتی تھی۔ لیکن عملاًمحسن اسد کے سنگ ایک گھریلو عورت بن کر رہنا میرے لےے دشوار ہی تھا۔ خوب صورت الفاظ جذباتی دور کی ضرورت ہوں تو ہوں زندگی کے الجھے ڈورے دولت کی طاقت سے ہی سلجھ سکتے ہیں۔
میں جانتی تھی، بابا جان جو بات بھی کرتے تھے وہ آخری اور حتمی ہواکرتی تھی۔
صبح میں نے پھر کال بک کرائی۔ محسن کے آفس کا نمبر میرے پاس تھا۔
’’معمّہ کیون بنی ہوئی ہو فضّہ عبداللہ؟ خدا کے لےے اتنے کڑے امتحانوں میں تو نہ ڈالو۔ اپنا فون نمبر اپنا اتا پتا تو دو۔ تم سے بات کرنے کو بھی ترس گیا ہوں۔‘‘
’’محسن اسد! کل بات ادھوری رہ گئی تھی۔ بابا جان نے مشروط شادی منظور کی ہے۔‘‘
’’کیسی شرائط جانِ من؟ جان مانگ لیں تب بھی فضّہ کی قیمت ادا نہ ہوسکے گی۔‘‘
’’مہر میں گلبرگ کی کوٹھی سالم ہی، دس لاکھ نقد شادی ہونے سے پہلے ہی ادائیگی اور پچاس تولے سونا۔‘‘
’’فضّہ! یہ کیسا مذاق ہے۔ تمہارے بابا ایسی کوئی بات نہیں کہہ سکتے۔‘‘
’’یہ سچ ہے۔‘‘
’’میرے ڈیڈی کی مالی پوزیشن تم سے چھپی تو نہیں فضّہ! کیا تم ان شرائط میں نرمی پیدا نہیں کراسکتیں؟‘‘
’’یہ ناممکن ہے محسن اسد اور خود سوچو میں ان سے یہ کیسے کہوں؟ یہ سب تو اس جائیداد کا پچاسواں حصہ بھی نہیں جس کی میں اس وقت مالک ہوں۔‘‘
’’فضّہ! صاف بات کرو۔‘‘
’’خود ہی انصاف کرو محسن اسد! کیا نواب عبداللہ خان کی اکلوتی بیٹی کا مہر اتنا بھی نہیں ہونا چاہےے۔ آخر میرے بابا کو اس معاشرے میں عزت کے ساتھ ہی جینا ہے۔‘‘
’’نواب عبداللہ خان وزیر داخلہ۔‘‘ اس نے یہ الفاظ بڑی دقّتوں سے اداکےے۔
’’آف کورس۔‘‘
’’اوہ فضّہ! یہ تم نے کیا کھیل کھیلا میرے ساتھ۔ تم نے پہلے دن ہی بتایا ہوتا۔ تم نے دھوکا کیا محسن اسد کے معصوم دل کے ساتھ۔ میں ایک عام سا بندہ کب ایک وزیر کی بیٹی، ایک اعلیٰ خاندان کی چشم و چراغ کے قابل تھا۔ کاش! تم نے پہلے دن ہی میرا راستہ روک دیا ہوتا۔ اپنے اور میرے درمیان حد مقرر کر دی ہوتی۔ آئی ایم سوری فضّہ! میں قطعاً تمہیں پانے کا حق دار نہیں ہوں۔ میری خواہش کو ایک دیوانے کی آرزو سمجھ کر در گزر کر دینا پلیز فضّہ میری جدائی خوشی کے ساتھ قبول کرلینا۔ لیکن یہ ضرر یاد رکھنا کہ تمہاری جدائی میرے دل کا ناسور بن جائے گی۔ اللہ حافظ ہمیشہ کے لےے۔‘‘
اس نے ریسیور رکھ دیا۔ میں کتنی دیر خاموش بیٹھی رہی۔ ان لمحوں میں، میں بہت سا سفر طے کر آئی تھی۔ گو محسن اسد کے پاس میری یادوں کے سوا کچھ بھی نہ تھا۔لیکن دولت کی اہمیت نے محبتوں کے سارے احساس تک مجھ سے چھین لےے تھے۔
محسن اسد کا دل سوچے سمجھنے منصوبے کے تحت میں نے اسے لوٹا ضرور دیا تھا لیکن عمر بھر کسی پائو بھر گوشت کے لوتھڑے کی تمنا نہ کر سکی۔ اسی وقت اپنے فیصلے کی تبدیلی کی خبر سب کو سنادی اور تھوڑے عرصے بعد سرفراز خان کو شریکِ حیات بنا کر زندگانی کا نیا سفر بھی شروع کر دیا۔
خخخخ
آدمی ماضی سے وابستہ رہنا چاہے تو وہ قدم قدم پر اضطراب کا باعث بھی بن سکتا ہے۔میں نے دو سال کے اس عرصے کی ہر یاد ذہن سے محو کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ شادی ہوئے تین سال کا عرصہ گزر گیا۔ ابھی تک میری گود میں کوئی پھول نہ کھلا تھا۔ میں تو آسائشوں کی دنیا میں گم تھی۔ نادر جواہرات، قیمتی ملبوسات میری زندگی تھے۔ مجھے جنون کی حد تک نایاب چیزیں جمع کرنے کا شوق تھا۔ میری تجوری میں دن رات قیمتی زیورات کا اضافہ ہوتا رہا۔ سرفراز خان کی سنگت میں میں اونچے اونچے جاندار قہقہے لگاتے ہوئے ایک پل کو بھی ماضی کی کوئی صدا نہ سن سکی۔ ایک بار بابا جان اسلام آباد سے صادق گنج آئے تو مجھے خاصے وقت کے لےے ان کے ساتھ رہنے کا موقع ملا۔
’’تم خوش تو ہو بیٹی؟‘‘ ان کے لہجے کی نرمی محبتوں کی پھوار میں بھیگی تھی۔
’’بہت خوش ہوں بابا جان!‘‘
’’بیٹی!بعض اوقات مجھے احساس ہوتا ہے کہ میں نے اپنا فیصلہ سناتے وقت سخت دلی کا مظاہرہ کیا۔‘‘
’’نہیں بابا جان! آج میںسوچتی ہوں وہ ضد نادانی کے سوا کچھ بھی نہ تھی۔ مجھے تو کبھی خیال ہی نہیں آیا۔ ہر چیز اپنی اصلیت کے ساتھ ہی اچھی لگتی ہے۔‘‘
آج کل میں اپنی دنیا میں مگن تھی۔ حکمرانی کا احساس حاوی تھا مجھ پر، کبھی یہ سوچنے کی مہلت ہی نہیں ملی تھی کہ سرفراز خان میراہونے سے قبل ہی کئی حصوں میں منقسم تھا اور روز بروز مزید تقسیم ہوتا جارہا تھا۔
شانزہ ابھی دو سال کی ہی تھی کہ بابا جان اچانک ہارٹ فیل ہوجانے پر انتقال کر گئے۔ سرفراز خان خاندان کا واحد مرد تھا۔ ان کی وفات پر اس نے تمام ایکٹیویٹیز سنبھال لیں تو حکومت کی مشینری میں حصہ لینا بھی ضروری سمجھا اور اس بہانے وہ گھر سے دور ہوتا چلا گیا۔
سرفراز خان کے ڈھنگ ہمیشہ سے ہی ایسے تھے۔ اس نے پہلے تو مجھ سے چھپ چھپا کر یہ کھیل جاری رکھے ہوئے تھے۔ بابا جان کی وفات نے اس کے حوصلے بڑھا دےے۔ اس نے ایک زرِ کثیر خرچ کر کے گلزار تعمیر کرایا۔ گلزار بھی کسی محل سے کم نہ تھا۔ جہاں دل بہلانے کوکئی پری رو چہرے موجود تھے اور میں ان کی موجودگی سے بہ خوبی آگاہ تھی۔ احتجاج تو کبھی کیا ہی نہیں، میں نے آواز بلند کی نہیں۔ جن چیزوں کی مجھے ضرورت تھی وہ سب مجھے حاصل تھیں۔ میرے لےے یہی کافی سے زیادہ تھا کہ وہ سب میری ذات کے محتاج تھے۔ میرا بندھن سرفراز خان سے تھا ہی کب؟ میں تو صرف اس دولت عزت اور شہرت کی تھی، جن کے عوض میں نے محبت کو قطعی غیر اہم سمجھ کر بیچ ڈالا تھا۔
مجھے علم تھا یہ سب محرومیاں بڑی عورتوں کا مقدر ہوتی ہیں۔ میرے ارد گرد بہت سی عورتیں ایسی تھیں جن میں سے ایک میری ماں بھی تھی، ایک سرفراز خان کی بہن بھی تھی۔ ہم تینوں عورتوں کو شاید کسی دل کی نہیں صرف حکمرانی کی ضرورت تھی۔ اپنی راجدھانی کی ملکہ کہلانے کی ضرورت تھی۔
بڑی مدّت گزر گئی۔ ایک وقت تھا جب میں اپنی ماں کے دکھ سے نا آشنا تھی۔ آج خود شانزہ سے چھپنے کی خواہاں تھی لیکن یہ مختلف دور تھا۔ شعور اور آشنائی کا دور تھا۔ شانزہ بہت کچھ سمجھنے لگی تھی۔ وقت سے پہلے ہی جاننے لگی تھی۔ کئی بار اس نے مجھے جھنجھوڑا تھا، لیکن ریشم و کمخواب کے سائے میں سوئی میری روح بے دار نہ ہوسکی تھی۔ مگر اس عورت زہرہ نے جو واقعی اب میرے ذہن کے افق پر زہرہ ستارے کی مانند ہی چمک رہی تھی۔ مجھے اذیت و کرب سے دو چار کر دیا او رپھر محسن کی آمد نے تو میری روح کو بے لباس کر کے میرے سامنے کر دیا۔
محسن کب مجھے بھولا تھا؟ ہر دم یاد تھا۔ لاشعور میں آباد تھا۔ بس آرزوئوں اور امنگوں کے مختلف رنگوں نے مجھے اپنی طرف کھینچ لیا تھا۔ میں خاص عورت بن کر جینا چاہتی تھی۔ محسن اسد کی دنیا مجھے کیا دیتی۔ یہی ہوجاتا کہ اسے جرأت و بہادری کے مظاہرے پر کسی موڑ پر کسی تمغۂ جرأت، کسی ستارۂ جرأت یا زیادہ سے زیادہ نشانِ حیدر سے نواز دیاجاتا اور بس۔ یہ دولت اور شہرت کہاں سے ملتی مجھے۔ میں انسانوں کی اس بھیڑ میں کہیں کھو جاتی کہ اپنا نشان تک مجھے نہ ملتا۔ بس ان ہی آرزوئوں نے اپنی بالا دستی قائم کر کے محبت کا وہ لطیف احساس مجھ سے چھین لیا جس نے پورے دو سال میری روح پر اپنا قبضہ رکھا تھا۔
زہرہ نے وہ پردہ کھینچ لیا تھا، جو میری محبت اور شخصیت کے درمیان حائل تھا۔ جس جذبۂ رقابت کے نہ ہونے پر زہرہ کو حیرت تھی۔ ماورا محسن کو دیکھ کر ایک ان دیکھی عورت کے وجود کے احساس نے پور پور جلا دیا۔ شاید میرے تصور نے ہمیشہ محسن کو اسی موڑ پر ہی دیکھا، جہاں وہ مجھ سے بچھڑا تھا۔ شاید میں آج تک یہی سوچتی رہی تھی کہ وہ میرے سوا کسی کا ہو ہی نہیں سکتا۔ آج ماورا محسن کو دیکھ کر یقین کرنا پڑا۔ وہ کسی اور کا تھا۔ کسی اور سے وابستہ تھا۔
خخخخ
شام کو تھکا ہارا ٹولہ واپس آیا تو میں اپنے کمرے میں کھڑی انہیں دیکھتی رہی۔ سب خوش تھے۔ شاہنواز اور ماورا سب سے آگے آگے تھے۔ شاہنواز نے قدرے جھکتے ہوئے جانے کیا کہا۔ ماورا کا مترنم قہقہہ محل کی خوشبو بھری فضائوں میں گونج گیا۔
شاہنواز کی وارفتگی میں نے شروع کے لمحوں میں محسوس کرلی تھی۔ اس کا یہ انداز مجھے بے حد معیوب لگا۔ ماورا کسی بھنورے کے قابل ہرگز نہ تھی۔ میں شاہنواز کے بڑھتے قدم روک دوں گی۔ میں باہر نکل آئی۔ داخلی برآمدے میں وہ سب میرے قریب آگئے۔
’’آداب آنٹی۔ آپ کا مشورہ بہترین تھا۔ ہم نے خوب انجوائے کیا۔ واللہ اس جگہ کے حسن کا بھی جواب نہیں۔‘‘ ذہین نے اظہارِ خیال کیا۔ جبین نے اس کی تائید کی۔
’’ہمارا تو خیال تھا کہ رات بھی وہیں بسر ہوجائے۔ چاندنی کا لطف تو کھلی فضائوں میں ہی آتا ہے۔ لیکن یہ شاہنواز بھائی خدائی فوجدا بنے رہے۔‘‘
’’چاندنی تو یہاں بھی ہوگی جبین بی بی! صادق گنج کی فضائوں میں بھی، محل کی چھت پر بھی، سامنے لان میں بھی اور اگر دیکھنے والی نظر ہو تو اس معصوم چہرے پر بھی۔‘‘ آخری فقرہ میں نے سن لیا۔ جو اس نے صرف ماورا کو سنانے کی کوشش کی تھی۔ میں ڈر گئی، کانپ گئی۔ کیسے بچائوں ماورا کو اس جال سے۔ نہ ماورا کو بتانے کا حوصلہ تھا اور نہ شاہنواز کو ٹوکنے کا۔ شاہنواز جو کہ شانزہ کا ہونے والا شوہر تھا۔ اس گھر کا مالک تھا۔ سرفراز خان کا اکلوتا بھانجا تھا۔
رات میں نے ماورا کو اپنے کمرے میں بلا بھیجا۔ میں اسے متنبہ کرنا چاہتی تھی۔ ہوشیار کرنا چاہتی تھی، وہ آئی اور اپنے ساتھ معصوم باتوںکا خزانہ بھی لیتی آئی۔
’’آنٹی! کل آپ بھی ہمارے ساتھ تشریف لے چلےے گا۔ پاپا تو ممّا کا گھر میں رہنا پسند ہی نہیں کرتے۔ اکثر ان کا جھگڑا اسی بات پر ہوجاتا ہے۔ ممّا کو گھریلو دھندوں سے پیار ہے اور پاپا کو سیر و تفریح سے۔ کھینچ کھینچ کر انہیں ساتھ لے جاتے ہیں وہ۔‘‘
میری روح گھٹن محسوس کرنے لگی۔ وہ دن مجھے بہ خوبی یاد تھے، جب ہوسٹل سے کسی نہ کسی بہانے محسن اسد مجھے اڑالے جاتا تھا اپنے سنگ۔
’’کیا قباحت ہے یار سیر و تفریح کرنے میں۔ چار دن کی زندگی میں اگر اتنی رنگینی بھی نہ ہو تو لعنت ہے۔‘‘ اپنی بے وفائی کے باوجود میں تو پھر بھی مستحکم ہی رہی محسن اسد! کم از کم اتنا تو کیا میں نے کہ دل میں کسی کو ذرّہ برابر جگہ ہی نہ دی اور تم۔۔۔ تم نے تو جلد ہی سب کچھ بھلا کر نئی دنیا پوری رنگینیوں سمیت آباد کرلی۔ جس عورت کو تم بڑھاپے کی دہلیز تک آنے کے بعد بھی یوں چاہتے ہو، اسے اپنا آپ مکمل طور پر سونپا ہی ہوگا تم نے۔‘‘ اندر کوئی الائو سا دہک گیا۔
’’آنٹی! انکل تو اسلام آباد میں رہتے ہیں آپ یہاں کیوں ہیں؟‘‘ ماورا نے ایک اور تیر چلایا۔
اب اسے کیا بتاتی اسلام آباد کے منسٹر ہائوس میں تو سرفراز خان کی اطالوی نژاد بیوی اس کے ساتھ قیام پذیر تھی۔ میرا وہاں کیا کام؟
’’مجھے اپنے اس گھر سے ہی پیار ہے ماورا بیٹی۔‘‘
شاید میں در پردہ یہ کہہ رہی تھی کہ مجھے تو دولت و جاہ و حشمت سے پیار ہے جو مجھے یہیں میسر ہے۔
’’حیرت ہے، پاپا تو ممّا کے بغیر شاید ایک دن بھی کہیں نہ گزار سکیں۔‘‘
وہ ہر بات میں پاپا کا ذکر ضروری سمجھتی تھی۔
’’اچھا!‘‘ میں شکستگی کے احساس سمیت مسکرادی۔ پھر میں نے تکلیف دہ موضوع بدلنا چاہا۔
’’کل تم لوگ کس طرف جائو گے؟‘‘
’’جھیل پر جانے کا کہہ رہے تھے شاہنواز صاحب۔‘‘ شاہنواز کے نام پر ماورا کی آنکھوں میں جو بے نام سی چمک آئی وہ مجھ سے پوشیدہ نہ رہ سکی۔
’’اچھا ہے۔ کافی خوب صورت جگہ ہے۔ اچھا وقت گزرے گا۔‘‘
’’آنٹی! کیا جھیل واقعی خطرناک ہے۔‘‘
’’کیا مطلب؟‘‘
’’آنٹی! وہ شاہنواز کہہ رہے تھے ہر سال ایک نہ ایک آدمی اس میں ڈوب کر مرجاتا ہے۔ یہاں تک کہ اس کی لاش بھی نہیں مل سکتی۔‘‘
وہ خوف زدہ سی تھی اور اس عالم میں بھی اپنی معصومیت سمیت پیاری لگ رہی تھی۔
’’نہیں غلط ہے یہ سب۔ ایسا تو آج تک نہیں ہوا۔ بس وہ مذاق کر رہا ہوگا تم لوگوں سے۔‘‘
ابھی میں نے بات ختم ہی کی تھی کہ وہ آگیا۔ اجازت طلب کر کے اندر آیا۔ اس کے مسکراتے چہرے کے رنگ جاندار قسم کے تھے۔
’’مامی جانی! اس دن آپ نے موسمِ گل دینے کا وعدہ کیا تھا۔‘‘ موسمِ گل ایک شعری مجموعہ تھا بہت ہی مشہور شاعر کا جو میرے کہنے پر شانزہ میرے لےے لائی تھی۔
’’اوہ ہاں تم بیٹھو میں لاتی ہوں۔‘‘ میں اسے جلدی ٹالنے کی خاطر اسٹڈی روم کی طرف گئی۔ میں جانتی تھی وہ یہاں صرف ماورا کے دیدار کی غرض سے آیا تھا۔ جانے کیوں مجھے یہ گوارا نہ تھا۔ کتاب لے کر میں واپس آنے لگی تو دروازے پر رک گئی۔
’’وہ جھیل تو خطرناک نہیں۔ مامی جانی نے سچ کہا، لیکن اس علاقے میں دو اور جھیلیں ضرور خطرناک ہیں۔ اوّل تو ان میں کوئی ڈوبا نہیں لیکن جس دن ڈوب گیا، ابھرے گا ہرگز نہیں۔‘‘
’’وہ کہاں ہیں؟‘‘ ماورا گھبرائی ہوئی تھی۔
’’وہ آپ کے سامنے ہی ہیں۔‘‘
’’میرے سامنے؟‘‘
’’ہاں ہاں۔‘‘
’’مگر کہاں؟ کیا اس کمرے میں ان کی کوئی تصویر آویزاں ہے؟‘‘ اس نے یقینا اِدھر اُدھر دیکھا ہوگا۔
’’تصویریں کیا وہ تو مجسم یہاں موجود ہیں۔‘‘
’’اللہ کیسی باتیں کرتے ہیں آپ۔‘‘ میں کمرے میں آگئی۔ دونوں ایک دوسرے کو دیکھ رہے تھے۔
’’یہ لو، لیکن ذرا جلدی لوٹانا۔ کیونکہ میں نے ابھی اسے پڑھا نہیں۔‘‘
’’او۔کے۔‘‘
وہ اٹھ کھڑا ہوا کہ شانزہ نے کمرے میں قدم رکھا۔
’’اوہو بھئی کیا بات ہے۔ آپ کے ہاتھ میں موسمِ گل۔۔۔ شاعری کا ارادہ ہے کیا؟‘‘
’’شاعری کا نہیں، شعر چرانے کا۔‘‘
’’وہ کیوں؟‘‘
’’خود ہی سوچ لو۔‘‘
’’میں سمجھی نہیں۔‘‘
’’بھئی سنا تھا کہ موسمِ گل کی بڑی مانگ ہے۔ سوچا ہم بھی پڑھ کر دیکھیں آخر اس میں ہے کیا اور بس۔‘‘
’’خوب سمجھتی ہوں آپ کو۔‘‘ شانزہ ہنسی اور آگے بڑھ آئی۔
’’ماورا! میں نے محسن کو فون کر دیا ہے۔‘‘ میں نے چونک کر شانزہ کی طرف دیکھا۔ خبر نہیں وہ کس محسن کی بات کر رہی تھی اگر وہ محسن اسد کی بات ہوتی تو شانزہ اتنی ان سولائیزڈ تو نہ تھی کہ اس کا نام یوں لیتی۔
’’اچھا۔ مجھے بتایا ہوتا میں بات تو کرلیتی۔‘‘
’’بات کرنے کی کیا ضرورت تھی۔ میں نے انہیں مدعو کیا ہے۔ کل شام تک وہ یہاں آرہے ہیں۔‘‘
’’کون بھیا؟‘‘ ماورا کا لہجہ کھنکھنارہا تھا۔
’’تمہیں تو ہر دم بھیا کا خیال رہتا ہے۔ بھئی ساتھ میں ہمارے انکل اور آنٹی بھی تشریف لارہے ہیں۔ کیوں ممّا ٹھیک ہے نا۔ اس طرح آپ لوگوں کی ملاقات بھی ہوجائے گی۔‘‘ میں جانے کہاں کھو گئی تھی۔
’’اوہ ہاں ٹھیک ہے۔ ٹھیک ہے۔‘‘ دنیا گول تھی۔ آخر کسی دن تو میرا اور اس کا سامنا ہونا ہی تھا لیکن۔۔۔
یہ ماورا جب بھی اپنے بھیّا کا ذکر کرتی ہے شانزہ چھوئی موئی کیوں بن جاتی ہے۔ محسن اسد! کیا تمہار ا کوئی بیٹا بھی ہے۔ جس سے میری بیٹی نے اپنے احساسات وابستہ کر لےے ہیں۔‘‘ یہ سوال میں خیالوں میں محسن سے تو کر رہی تھی لیکن دونوں بچیوں سے نہ پوچھ سکی۔
دوسرے دن حسبِ پروگرام وہ جھیل پر جانے لگیں تو سب لڑکیوں نے مجھے ساتھ لے جانے پر اصرار کیا۔ لیکن میں جانے پر آمادہ نہ ہوئی۔ ناشتے کے بعد میں لان میں آگئی۔ شہتوت کے چھتنا درخت تلے کرسیاں بچھی تھیں اور میں صبح کا اخبار دیکھ رہی تھی۔ آج سرفراز خان نے اسلام آباد جانا تھا۔ نوکر تیاریوں میں مصروف تھے۔ تبھی وہ گلزار سے نکل کر میری طرف آیا اور قریب پڑی کرسی پر ٹک گیا۔
’’کہاںہیں سب لڑکیاں؟‘‘ اس کا پہلا سوال تھا۔
’’تفریح کے لےے جھیل پر گئی ہیں۔‘‘
’’گڈ۔ کل میں آپاجان کے پاس گیا تھا۔‘‘
’’کیسی ہیں وہ؟‘‘ میں نے اخبار کا صفحہ پلٹا۔
’’اچھی ہیں۔ آج وہ آئیں گی تمہارے پاس۔‘‘
’’خیریت؟‘‘
’’بس ویسے ہی۔ کہہ رہی تھیں اب انہیں گھر کی تنہائیاں کاٹنے کو دوڑتی ہیں۔‘‘ وہ مسکرایا۔
’’تو میرے پاس اس کا کیا علاج ہے؟‘‘ میں مسکرائی۔
’’علاج تو ہے۔ شانزہ کا ایم۔اے چھ ماہ بعد ہوجائے گا۔ وہ چاہتی ہیں ان ہی دنوں میں شادی مقرر کردی جائے۔ تم جانتی ہو شانزہ نواز بھی ہماری بیٹی کی طرح ان کا اکلوتا لاڈلا بیٹا ہے۔ شادی کی تیاریاں مکمل ہوتے بھی چھ ماہ لگ جائیں گے۔‘‘
وہ شاید معاملہ خود ہی بہن سے طے کر آیا تھا۔ صرف اطلاع دے رہا تھا۔
’’ٹھیک ہے۔ وہ آئیں گی تو بات ہوجائے گی۔‘‘
’’فضّہ! اگر تم جہیز خریداری کے لےے جانا چاہو کہیں تو میں ویزا لگوادوں تمہارا۔‘‘
’’ہوجائے گی خریداری بھی پہلے میں ان سے بات تو کروں۔‘‘ میں خوف زدہ سی تھی۔دونوں سے ہی، شاہنواز سے بھی اور شانزہ سے بھی۔
’’اچھا۔ رات شانزہ نے مجھے بتایا تھا کہ اس کے کچھ مہمان لاہور سے آئیں گے۔ اگر وہ میرے جانے کے بعد آئیں تو ان کا خاص خیال رکھنا تمہارا فرض ہوگا۔ تم جانتی ہو نا شانزہ اور اس کی خوشیاں مجھے دنیا کی ہر چیز سے زیادہ عزیز ہیں۔‘‘
اخبارکو سرسری نظر سے دیکھنے کے بعد وہ اندر چلا گیا۔
گیارہ بجے موسم میں حدّت سی آچکی تھی۔ جب شاہ نواز کی جیپ لان کے احاطے میں داخل ہوئی۔ عفّت آرا اپنی دو چار ملازمائوں کے ساتھ آچکی تھیں۔ میں انہیں عزت و احترام سے ڈرائنگ روم میں لائی اور ہم احوال پوچھنے اور بتانے میں مصروف ہوگئے۔ عفّت آرا زیادہ پڑھی لکھی خاتون نہ تھیں۔ لیکن روشن خیال ضرور تھیں اور مجھے بھابھی کے ناتے کم اور چچا زاد ہونے کی حیثیت سے چھوٹی بہن کی طرح زیادہ چاہتی تھیں۔
’’آپا ! میں بھی آپ کی طرف آنا چاہ رہی تھی۔‘‘ کچھ دیر بعد میں نے کہا۔
’’تو آئیں کیوں نہیں؟‘‘
’’بس ایک جھجک آڑے آتی رہی۔‘‘
’’بہن سے بھی جھک۔ فضّہ! تمہیں کیا خبر تم مجھے کتنی عزیز ہو۔ دنیا میں میرا سرفراز اور تمہارے سوا ہے بھی کون۔‘‘ وہ آبدیدہ ہوگئیں۔
’’آپا! جو دکھ میں نے اٹھائیں ہیں۔ جو دکھ آپ نے اٹھائے ہیں۔ کیا میری بیٹی بھی یہی دکھ اٹھائے گی؟ بس یہی پوچھنا تھا آپ سے۔‘‘ عفّت آرا نے چونک کر مجھے دیکھا۔
’’کیسے دکھ؟‘‘ وہ انجان بن رہی تھیں۔
’’حق تلفی کے دکھ۔ نارسائیوں کے دکھ۔ کیا آپ بے خبر ہیں کہ میرے ہوتے ہوئے بھی سینکڑوں عورتیں سرفراز کی زندگی میں آئیں اور آتی رہیں گی۔ شاہ نواز بھی اسی خاندان کا ایک مرد ہے آپا۔ شانزہ مجھ سے بے حدمختلف لڑکی ہے۔ پھر یہ زمانہ اور ہے۔ ان دونوںمیں اگر نباہ نہ ہوسکا تو؟‘‘
’’فضّہ! تم نے میرے بیٹے کو سمجھنے میں غلطی کی ہے۔ میں ماں ہوں۔ اسے جانتی ہوں۔ اس کی اچھائی یا برائی تم سے چھپا کر تم پر کوئی ظلم نہیں کروں گی۔ ان مشغلوں کا اس سے دور کا بھی واسطہ نہیں۔ جو اس کے والد یا ماموں کے ہیں۔ ان ہاتھوں نے اس کی پرورش کرتے وقت یہ خیال رکھا تھا کہ اسے اس سارے ماحول سے جداگانہ تربیت دینا ہے۔ میرا بیٹا لندن میں چار سال گزارنے کے باوجود بھی کسی بد علّت کا شکار نہیں ہوسکا۔‘‘
’’آپ ماں ہیں نا آپا! آپ تو نرم نگاہی سے جائزہ لیتی ہیں۔ کبھی تنقیدی نگاہ سے دیکھنے کے بعد مجھے بتائےے۔‘‘
’’میں ٹھیک کہہ رہی ہوں فضّہ! اب تمہیں کیا بتائوں کہ اسے تو اپنے پاپا اور ماموں سے نفرت ہے۔ اور تو اور اسے ان جاگیروں اور ساری جائیداد سے بھی نفرت ہے۔ وہ تو نوکری کرنا چاہتا تھا۔ میں نے اسے روک دیا کہ لوگ کیا کہیں گے۔ فضّہ میرے بیٹے کو زندگی میں ایک چیز سے ہی پیار ہے۔ خواہ تم اسے اچھائی سمجھو یا برائی اور وہ ہے شکار۔‘‘
’’خیر میں یہ کہنا چاہ رہی تھی کہ میں شانزہ سے بات کروں گی۔ آپ شاہنواز سے پوچھےے تب ہی یہ سلسلہ آگے بڑھایا جاسکے گا۔‘‘ میں نے مصالحت کا انداز اپنایا۔
’’ہاں سو فیصد حق بات کہی تم نے۔ میں آج ہی شاہ نواز سے بات کروں گی۔ ویسے فضّہ! تم میرے بیٹے کے بارے میں اپنا ذہن صاف رکھو۔ جو کچھ تم سمجھ رہی ہو شاہ نواز وہ نہیں ہے۔‘‘
میں معنی خیز انداز میں مسکرادی۔ پھر اِدھر اُدھر کی باتیں ہوتی رہیں۔ چائے پی گئی۔ میرے اصرار کے باوجود وہ کھانے سے قبل ہی چلی گئیں۔ ان کے جانے پر ہی سرفراز خان بھی اسلام آباد کے لےے ملتان کی طرف روانہ ہوگیا۔ گرمی میں بے حد شدّت آگئی تھی۔ برآمدے میں کھڑی اندر جانے کا سوچ رہی تھی کہ سفید رنگ کی مارک ٹو گیٹ پر رکتی نظر آئی۔ چوکیدار نے ادھ کھلا گیٹ مکمل کھول دیا۔ اور دوسرے لمحے گاڑی پورٹیکو میں آرکی۔ میں نے یہ گاڑی آج سے پہلے کبھی نہ دیکھی تھی۔ حیران ہو کر رک گئی۔
اگلا دروازہ کھول کر کوئی نوجوان باہر نکلا اور پچھلے دروازے سے میرو۔ مجھے یاد آیا میرو شہر گیا تھا۔ سودا سف لانے کی غرض سے۔ یہ کسے ساتھ لے آیا۔ میرو تیزی سے میری طرف آیا۔ ساتھ ہی وہ نوجوان بھی۔ میرو نے شاید میرے بارے میں اسے بتا دیا تھا۔
’’آداب۔۔‘‘ یہ نوجوان بڑا جانا پہچانا سا لگ رہا تھا مجھے۔ میں بغور اسے دیکھتی رہی۔ اس نے کاغذ کا ایک پرزہ میری طرف بڑھایا۔
’’معزز خاتون! کیا میں صحیح جگہ پر نہیں پہنچا ہوں۔‘‘ میں نے کاغذ لے لیا۔ میرے گھر کا ایڈریس اس پر درج تھا۔
’’ہاں بیٹے! یہ ایڈریس اس گھر کا ہی ہے۔‘‘
’’مجھے محسن حسن کہتے ہیں۔‘‘ وہ خود اعتمادی سمیت مسکرایا۔
محسن حسن کون تھا یہ؟
’’میری سسٹر ماورا محسن کہاں ہوگی؟‘‘
اوہ تو یہ ماورا کا بھائی تھا۔ لیکن اس کے نام نے مجھے الجھن میں ڈال دیا تھا۔ باپ بھی محسن اور بیٹا بھی محسن۔ یہ ناممکن تھا۔
’’میرو ان کا سامان اندر لے جائو۔ یہاں بہت گرمی ہے بیٹا۔ پہلے اندر تو آئو باتیں بعد میں ہوتی رہیں گی۔‘‘
میرو نے ڈرائنگ روم کھول دیا۔ میں نے خود اپنے ہاتھوں اس کے لےے شربت گلاس میں انڈیلا اور اس کی طرف بڑھایا۔گرمی کی تمازت سے سرخ ہوتے چہرے پر تھکن بھی بہ خوبی نظر آرہی تھی۔
’’شانزہ بتا رہی تھی کہ تمہارے ساتھ تمہارے ممّا اور پاپا بھی آئیں گے۔‘‘
’’جی۔ کل شانزہ سے بات کرتے ہوئے مجھے یاد نہ رہا۔ وہ نہیں آسکے۔ کیونکہ آج میرے چاچو کی برسی تھی۔‘‘
’’اوہ!‘‘ اظہار افسوس کے طور پر میں اتنا کہہ سکی۔
’’معزز خاتون! یہ ہیلتھ منسٹر سرفراز خان کی رہائش گاہ ہے نا۔‘‘ وہ استفسار کر رہا تھا۔ انداز میں احساسِ بے گانگی تھا۔
’’ہاں۔ لیکن محسن حسن! تم تو اس گھر میں بیٹے کی حیثیت سے آئے ہو اس طرح کیوں پوچھا تم نے۔‘‘
’’جی نہیں۔ آئی ایم ساری معزز خاتون! میرے سوچنے کا انداز ایسا کبھی نہیں رہا۔ شاید اس گھر میں یہ میرا پہلا اور آخری قدم ہو۔‘‘
میں گڑبڑا اٹھی۔ یہ کیا کہہ رہا تھا وہ؟ کیوں کہہ رہا تھا؟
’’ماورا اور شانزہ اچھی دوست ہیں اور میرا خیال ہے تمہاری فیملی کو شانزہ سے کسی قسم کا کوئی گلہ نہیں۔‘‘
’’بس اسی لےے تو ایسا چاہتا ہوں تاکہ آئندہ بھی کسی قسم کا گلہ شکوہ پیدا نہ ہوسکے۔‘‘
’’بیٹے! تمہاری باتیں میری سمجھ سے بالا تر ہیں۔‘‘ میں نے اسے بغور دیکھا۔ لائٹ کریم کلر کے شلوار سوٹ میں چہرے پر تھکن اور غصہ لےے وہ بے حد بھلا لگ رہا تھا۔ اس کی مقناطیسی آنکھوں کی کشش اسی جیسی تھی۔ جس سے میں برسوں سے دور تھی۔ جدا تھی۔ وہ ایک دم ہنسا۔
’’آپ نے سچ کہا۔ سخت بے وقوف ہوں میں بھی۔ بھلا آپ کو میرے یا میری فیملی کے المےے کی کیا خبر۔ میں تو ایسے گفتگو شروع کر بیٹھا تھا جیسے سارا قصور آپ کا ہی ہو۔‘‘
’’بیٹے! پہلے تم مجھے یہ بتائو کہ تمہارے پاپا۔‘‘ اس نے میری بات کاٹ دی۔
’’میرے پاپا کوئی اتنے مشہور آدمی بھی نہیں ہیں کہ آپ جیسی اہم اور معزز خاتون انہیں ضرور جانتی ہوں۔‘‘
’’تم بتائو تو سہی کیا خبر کہ ایسا ہو۔‘‘
’’لیفٹیننٹ جنرل حسن اسد میرے پاپا ہیں۔‘‘
’’تو وہ ماورا محسن تمہارے چچا کی بیٹی ہے نا۔ لیکن یہ تمہارا نام محسن حسن کیوں ہے؟ یہ سب کیا ہے بیٹے؟ میں تو سچ مچ کئی دنوں سے الجھی ہوئی ہوں۔‘‘ میں اس پر واضح ہو کر اس کی وضاحت چاہتی تھی۔
’’ماورا میری سگی بہن ہے۔‘‘
’’لیکن اس کا نام ماورا حسن تو نہیں ہے۔‘‘
وہ ایک دم رونے لگا۔ اس کی موٹی موٹی آنکھیں آنسوئوں سے بھر گئیں۔
’’معزز خاتون! آج میں نے یہاں آکر غلطی کی۔ میں بے حد اپ سیٹ ہوں۔ ابھی میں نے ذکر کیا تھا اپنے چاچو جانی کی برسی کا۔ آج کے دن ان کا جہاز کریش ہوگیا تھا۔ وہ شہید ہوگئے تھے۔ میرے چاچو فلائٹ لیفٹیننٹ محسن اسد۔‘‘ پل کے ہزارویں میں زمین و آسمان گھوم سے گئے۔
’’نہیں نہیں۔‘‘ میں زمین و آسمان کے درمیان شاید خود ہی گھوم رہی تھی۔ میرے کان سائیں سائیں کرنے لگے۔ اندر باہر شور سا برپا ہوگیا۔ جانے کہاں سے آنسوئوں کے خزانے باہر نکل آئے۔ وہ حیران و ششدر مجھے دیکھتا رہا۔ بلکتا ہوا، روتا ہوا پھراٹھ کر میرے قریب آگیا۔
’’مجھے افسوس ہے کہ یہ خبر آپ کے لےے باعثِ تکلیف تھی معزز خاتون! کیا آپ انہیں جانتی تھیں؟‘‘
’’ہاں۔اپنی ایک دوست کی وساطت سے جو اس کے بھائی رضا اسد کی بیوی ہے۔‘‘
’’اچھا تو آپ لبنیٰ آنٹی کی دوست ہیں۔ لیکن ہم نے آپ کو کبھی دیکھا کیوں نہیں؟‘‘
’’بیٹے!‘‘ میری آنکھیں پھر برسنے لگیں۔
’’ہماری دوستی ٹوٹ گئی تھی۔‘‘ میں نے جھوٹ بولا۔ ’’محسن حسن‘‘ عظمیٰ جی کا وہی بیٹا تھا یقینا۔ جس کا نام رکھتے رکھتے اکثر میں اور لبنیٰ ایک دوسرے سے لڑپڑتے تھے۔
’’محسن! میرے دوست میرے عزیز مجھے یہ تو بتائو کہ تمہارے چاچو کب اس دنیا کو چھوڑ گئے؟‘‘ میرے دل میں آگ سی جل رہی تھی۔
’’پاپا کہتے ہیں بے شک شہادت کا رتبہ بہت اعلیٰ و ارفع ہے۔ محسن چاچو وطن کی خاطر جان قربان کر گئے۔ لیکن ہمیں تو ایک اور چیز رلاتی ہے۔‘‘
’’وہ کیا؟‘‘
’’اب آپ کو کیا بتائوں۔ وہ اپنے دل پر ایک گہرے صدمے کا اثر لے کر گئے اور پھر لوٹ کر نہ آئے۔‘‘
’’کیسا صدمہ؟‘‘
’’ایک عورت کی بے وفائی اور دھوکے بازی کا، جسے وہ دل کی گہرائیوں سے چاہتے تھے۔‘‘ اس نے رومال سے چہرہ صاف کیا۔
’’معزز خاتون!‘‘ وہ کچھ کہنا چاہتا تھا۔ میں نے اسے ٹوک دیا۔
’’محسن! تم بار بار یہ لفظ کہہ کر غیریت کا احساس دے رہے ہو۔ لبنیٰ کے ناتے میں تمہاری آنٹی ہی ہوں۔‘‘
’’اوہ۔ دراصل میں زبردست ٹینشن کا شکار ہوں۔ اور ویسے حد سے زیادہ صاف گو بھی ہوں۔ کیا سب کچھ آپ کو سچ سچ بتادوں آنٹی؟‘‘
’’ضرور بتائو۔‘‘
’’میں اس وقت سے پریشان ہوں جب سے میں نے صادق گنج کے علاقے میں داخل ہونے کے بعد نواب زادہ سرفراز خان کا نام سنا ہے۔ ان کی حیثیت و اہمیت کا اندازہ لگایا ہے کم از کم شانزہ جیسی لڑکی سے مجھے یہ امید نہ تھی۔‘‘
’’کیا کیا اس نے؟‘‘
’’آنٹی! اس نے اپنے ڈیڈی کی شخصیت کو مجھ سے چھپائے رکھا۔‘‘ میں سوچنے لگی جانے میری بیٹی کو کیا مشکل در پیش تھی کہ اُس نے اپنا آپ ان لوگوں پر ظاہر نہ کیا۔ جبکہ سرفراز خان کی طرف سے ایسی کوئی ہدایت نہ تھی۔
’’اور میں نہیں چاہتا کہ تاریخ ایک بار پھر اپنا آپ دہرائے۔ میں ایک مکمل انسان کی طرح جینا چاہتا ہوں۔‘‘ وہ پھر الجھنے لگا تھا۔
’’لیکن ٹھہرےے۔ میری بات آپ کی سمجھ میں یوں نہیں آئے گی۔ میں نے آج تک جو بات کسی کو نہیں بتائی وہ میں شانزہ کی مما کو ضرور بتائوں گا۔ پھر اس نے مجھے وہ تمام واقعات بڑی سہولت کے ساتھ سنا ڈالے، جو مجھ پر ہی بیت چکے تھے۔
’’اس لڑکی نے محسن چاچا سے کھیل ہی رچایا تھا۔ نواب زادی تھی نا۔ لاہور کی رہائش کے دوران ایک دلچسپ مشغلہ اس کے ہاتھ آگیا۔ دیکھےے نا آنٹی اگر وہ مخلوص ہوتی تو کم از کم اپنی حقیقت سے آگاہ تو کرتی۔ اپنا اتا پتا تو بتاتی۔ یہ ان دنوں کی بات ہے جب میں ابھی پیدا ہی نہیں ہوا تھا۔ عمر بھر ساتھ نبھانے کے وعدے کر کے وہ واپس اپنے گھر چلی گئی۔ چاچا کے لےے اس کے بغیر ایک پل کاٹنا محال تھا۔ جانے کے دوسرے دن اس کا فون آیا تو چاچا کے قدم زمین پر ٹکے ہی نا۔ وہ میری پیدائش کا دن تھا۔ پندرہ ستمبر۔ دوسرے دن وہ حسبِ معمول ڈیوٹی پر گئے۔ پاپا اپنے یونٹ میں تھے۔ وہیں انہیں میرے چاچو کا فون ملا۔ انہوں نے کہا،
’’حسن بھائی! خوش نصیب ہیں آپ لوگ، جنہوں نے منزل پائی۔ میں نے تو بڑا غلط انتخاب کیا۔ چاند کو پانے کی تمنا کی۔ فضّہ کو مجھ سے ایسا کھیل کھیلنے کا حق نہ تھا۔ وہ بہت بڑے آدمی کی بیٹی ہے۔ اسے پانے کا خواب دیوانے کی آرزو ہے۔ کچھ بھی ہو حسن بھائی! لیکن آپ کا بھیّا آپ کا محسن جیتے جی مر گیا ہے۔ جفا اور دھوکے کے زخم سجا کر شاید نہ جی سکے۔‘‘
پھر کبھی وہ آسکے نہ ان کی آواز سنائی دے سکی۔
وہ شہید ہوگئے۔ بہت بڑا مقام پالیا انہوں نے۔ لیکن پاپا اور رضا چاچا کے دل میں گھائو ڈال گئے۔ آج اس واقعے کو پچیس سال بیت گئے ہیں۔لیکن ہر دم مجھے لگتا ہے میرے چاچو ابھی ابھی مرے ہیں کیونکہ ہماری چھوٹی سی فیملی میں ان کا نام ہمیشہ زندہ تھا اور زندہ رہے گا۔ وہ ایک مثالی انسان تھے۔ میرا نام تو طلحہ رکھا گیا تھا لیکن چاچو کے نام کو زندہ رکھنے کی خاطر سب مجھے محسن کہنے لگے۔ چاچو کو ماورا نام بہت پسندتھا۔ چوتھے سال ماورا پیدا ہوئی تو سب نے مشترکہ فیصلے سے اس کا نام ماورا ہی رکھا۔ بلکہ ولدیت کے خانے میں محسن چاچو کا نام ہی لکھ دیا۔ کیونکہ یہ بھی ان کی ایک آرزو تھی۔‘‘
میں سنتی رہی، سوچتی رہی۔ اس گھر میں جذبوں کی پذیرائی آج بھی اسی انداز میں کی جاتی تھی۔ کیونکہ وہ سب مادہ پرست ہرگز نہ تھے میری طرح۔ مجھ میں یہ اعتراف کرنے کی جرأت پیدا نہ ہوئی کہ میں ہی فضّہ عبداللہ تھی۔ میں ہی آرزوئوں کی قاتل تھی۔
محسن حسن پھر بولا۔
’’اور اتفاق کی بات یہ ہے کہ شانزہ نے میرے ساتھ ویسے ہی روےّے اختیار کےے۔ یہ جانتے ہوئے بھی کہ مجھے اپنے چاچو کی وجہ سے ایسی لڑکیوں سے نفرت ہے۔ بے شک میں مکمل ایمان داری سے شانزہ کو لائف پارٹنر بنانا چاہتا تھا لیکن آج اسے اپنے ذہن سے دور کرتے ہوئے مجھے کوئی ملال نہیں۔ اپر کلاس کی لڑکیاں مڈل کلاس کے لڑکوں کے ساتھ خوش نہیں رہ سکتیں پلیز آپ ماورا کو بلوادیں۔ میں اسی وقت واپس جانا چاہتا ہوں۔‘‘ وہ انتہائی رکھائی کے ساتھ بولا۔
’’دیکھو بیٹے! اس وقت تم شانزہ کے نہیں میرے مہمان ہو۔ اور لبنیٰ کے توسط سے مجھے عزیز بھی ہو۔ آئے کسی کی مرضی سے بھی ہو لیکن یہاں سے جانا میری مرضی کے مطابق ہوگا۔ انڈر اسٹینڈ۔‘‘ میں نے دوستانہ ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی۔
اس لڑکے کی صاف گوئی نے مجھے متاثر کیا تھا۔ وہ نڈر اور بے باک تھا۔ یہ خوبیاں میرے دل میں گھر کر گئی تھیں۔ مجھے اس میں محسن اسد کی جھلک نظر آرہی تھی۔ اس کی ذات کو سامنے پا کر شاید میں یہ بھی بھول گئی تھی کہ محسن اسد اس دنیا میں نہ تھا۔
تھوڑی دیر بعد ہم دونوں کھانے کی میز پر تھے۔ میں اصرار کر کے ایک ایک چیز اسے کھلا رہی تھی۔ پھر میں نے اسے آرام کی غرض سے مہمان خانے میں بھیج دیا اور خود اپنے کمرے میں چلی گئی۔
وہ آنسو جنہیں میں نے بڑے ضبط کے ساتھ باہر آنے سے روک لیا تھا۔ پھر بہہ نکلے۔ محسن اسد کی یادیں میرے چاروں اطراف جمع ہوگئیں۔ ایک حرف ایک ایک لفظ، اس کی محبت، اپنی جفا، اس کے غم، اپنی خوشیاں۔
’’محسن! تم نے حقیقتاً اپنا آ پ میرے نام لگایا تھا۔ کب کسی اور کے ہوسکے۔ میں واقعی جفا جُو اور دھوکے باز تھی۔ اپنی آرزوئوں کی تکمیل کی خاطر بہانہ بنا کر تم سے دامن چھڑالیا۔ میں تمہاری عظمتوں کے آگے سرنگوں ہوں۔ میرے تصور میں پہلے دن والا محسن اسد آگیا۔
سہ پہر ڈھل چکی تھی۔ موسم میں تھوڑی سی تبدیلی آچکی تھی۔ آج لڑکیاں جلدی لوٹ آئیں۔ حسبِ سابق آج بھی وہ سب بے حد خوش تھیں۔ میں نے سب کو اپنے کمرے میں بلوالیا۔ شاہنواز ان کے ساتھ نہیں تھا۔ میں نے اس کے بارے میں پوچھا تک نہیں۔ شانزہ نے اندر آتے ہی کہا۔
’’ممّا! کوئی اطلاع تو نہیں ملی آپ کو؟‘‘
’’کیسی اطلاع؟‘‘
’’محسن کے آنے کی۔‘‘ شانزہ یہ نام لیتے ہوئے پھر چھوئی موئی بن گئی تھی۔ میں اس کے دل کی حالت جان گئی۔
’’آنٹی! آج تو ہم لوگ صرف محسن بھائی کی وجہ سے تفریح چھوڑ کر آئے ہیں۔‘‘ یہ انیسہ تھی۔
’’ہاں، وہ گیسٹ روم میں آرام کر رہا ہے۔‘‘
’’اور ممّا پاپا نہیں آئے؟‘‘ ماورا نے بے تابی سے سوال کیا۔
’’نہیں۔‘‘ میں نے مختصراً کہا۔
’’ممّا! خیریت ہے۔ آپ بہت زیادہ اپ سیٹ ہیں۔‘‘ شانزہ کے لہجے میں تشویش تھی۔
’’خیریت ہی خیریت۔‘‘ میں نے کئی بار منہ دھویا تھا، لیکن میری آنکھیں گریہ وزاری کی چغلی کھارہی تھیں۔
شام کی چائے ڈرائنگ روم میں پی گئی۔ وہیں بیٹھے بیٹھے ہی ٹیلی فون کی گھنٹی بجی۔ نوکر نے فون میرے قریب لارکھا۔ لڑکیاں باتوں میں مگن تھیں۔ ماورا محسن سے محوِگفتگو تھی۔ میں نے ریسیور اٹھایا۔ لائن پر عفت آرا تھیں۔
’’یہ ماورا کون ہے فضّہ؟‘‘ ان کا پہلا سوال تھا۔ میرا ماتھا ٹھنکا۔
’’شاہنواز نے آپ کو کچھ نہیں بتایا۔‘‘ میں نے چند لمحے سوچ کر مدلّل جواب دیا۔
’’میں اس سے نہیں تم سے پوچھنا چاہتی ہوں۔‘‘
’’آپا! وہ ایک معصوم سی پیاری سی لڑکی ہے اور میری مہمان ہے۔‘‘
’’تم غلطی پر ہو فضّہ۔ شاہ نواز تو اسے اپنی زندگی بتا رہا ہے۔ وہ اس سے شادی کرنا چاہتا ہے۔‘‘
’’آپ کو کیسے خبر ہے اس سب کی؟‘‘
’’وہ ابھی ابھی آیا ہے۔ میں نے اس کے سامنے شانزہ کا معاملہ رکھا وہ تو ایک منٹ کے لےے یہ بات سننے پر آمادہ نہیں تھا۔ صاف کہہ ڈالا کہ شادی کرے گا تو ماورا سے۔‘‘
’’آپا! اس خاندان کے مرد چند دنوں میں ہر عورت سے اسی طرح متاثر ہوجاتے ہیں۔‘‘ میں نے جلے دل کے پھپھولے پھوڑے۔
’’فضّہ میرے لےے یہ بہت بڑا مسئلہ ہے۔ میں سرفراز کو کیا منہ دکھائوں گی۔ وہ کب شاہنواز کی یہ حرکت قبول کرے گا۔ جبکہ شاہنواز نے دو ٹوک انداز میں اپنا فیصلہ مجھے سنادیا ہے۔‘‘
’’تو میں کیا کہہ سکتی ہوں آپا اس معاملے میں۔‘‘ حالات بے حد الجھے ہوئے لگ رہے تھے۔ بات دونوں طرف سے ہی بگڑی ہوئی تھی۔
’’خیر، میں سرفراز سے بات کرنے کی کوشش کروں گی۔ دیکھو فضّہ جتنی جلد ممکن ہوسکے ان لڑکیوں کو یہاں سے بھیج دو۔ معاملہ کچھ اور آگے بڑھ گیا تو ہم سے کسی کی راہ نہ روکی جاسکے گی۔‘‘
میں پریشان پہلے بھی تھی۔ اب مزید بگڑ گئی۔ کیا چکر تھا یہ۔ سمجھ میں کچھ نہ آیا۔ جب میں فون کر کے اٹھی۔ کمرے میں کوئی نہ تھا۔ میں شانزہ کے رہائشی کمروں کی طرف بڑھی۔
’’پاپا کی دولت، ان کا اسٹیٹس، یہ شہرت اور خاندانیت میرے دل کو سکون نہیں دے سکتے۔ محسن حسن میں جانتی تھی کہ تم بوژروا طبقے کی لڑکیوں سے نفرت کرتے ہو۔ صرف اس بنا پر کہ ان میں سے ایک نے تمہارے چاچو کو دھوکا دیا تھا۔ خود مجھے بھی اس عورت سے ہمیشہ نفرت رہے گی۔ پیار کے انمول جذبے ٹھکرائے جانے کے لائق نہیں ہوتے۔ میں نے اپنا آپ تم سے چھپایا تو صرف اس لےے کہ کہیں تمہارے اندر موجود اچھے جذبے میرے لےے ختم نہ ہوجائیں۔ مجھے صرف تمہاری ضرورت ہے محسن حسن! پاپا نے یہ دولت مجھے دی بھی تو میں اسے ٹھکرا دوں گی کہ میں نے اپنی ماں کو اس دولت کے سائے میں چین کا ایک لمحہ بسر کرتے کبھی نہیں دیکھا۔‘‘
’’اچھی لڑکی! تم تو ناراض ہونے لگیں۔ حقیقت ہر حال میں قائم رہتی ہے۔ نفی کرنے سے تم اپنی ولدیت کے خانے میں کوئی اور نام تو نہیں لکھ سکتیں۔ ہر حال میں نواب زادہ سرفراز خان کی بیٹی ہی رہو گی۔‘‘
’’اور یہ اتنا بڑا گناہ بھی نہیں جتنا تم سمجھ رہے ہو۔‘‘
’’جذباتی فیصلے بعض اوقات نقصان بھی دے جاتے ہیں۔ ہوسکتا ہے تم ساری عمر ایک پچھتاوے کا شکار رہو۔‘‘
’’باوجود اس کے کہ تم وکیل نہیں ہو۔ بحث میں تم سے جیتنا محال ہے۔‘‘ شانزہ کی ہلکی سی ہنسی میرے کانوں میں گونجی۔
’’باوجود اس کے کہ میں اپنا فیصلہ تمہارے خلاف دے چکاتھا تمہیں قبول کرتا ہوں نواب زادی شانزہ سرفراز۔‘‘ وہ بھی ہنسا۔
میں واپس پلٹ آئی۔ کمرے میں دوسری لڑکیاں بھی موجود تھیں اور گفتگو میں وہ بھی حصہ لے رہی تھیں۔ اپنے کمرے میںجا کر میں نے ملازمہ کے ہاتھ شانزہ کو بلوا بھیجا۔
’’بیٹھو شانزہ! مجھے تم سے ایک بات کرنی ہے۔‘‘ میرا غیر معمولی لب و لہجہ میری ذہین بیٹی کو چونکا گیا۔
’’ممّا! اگر وہ بات شاہنواز سے متعلق ہے تو میرا جواب یہ ہے کہ میں ایک لمحے کو انہیں اپنا ماننے پر تیار نہیں ہوں۔‘‘
’’اس کی وجہ؟ جبکہ اس کی ذات میں ایسی کوئی خامی بھی نہیں۔‘‘
’’یہ سچ کہا آپ نے۔ میں شاہ نواز بھائی کو بہت غلط سمجھتی تھی لیکن چند دن ان کے قریب رہ کر ان کی اصلیت سے آگاہی ہوگئی۔‘‘
’’پھر یہ گریز کیوں؟‘‘
’’میں اپنے معاملات کی ذمہ داری اپنے اوپر ڈالنا پسند کرتی ہوں مما! گریز صرف س لےے کہ جیون کی راہوں کا ہم سفر میں نے ایک اور بندے کو چُنا ہے جو میرا ہم مزاج، ہم ذوق ہے۔ اسی طرح شاہنواز بھائی بھی صرف ماورا کی ہم راہی میں خوش رہ سکتے ہیں۔ جسے چند دنوں میں ہی وہ حاصلِ حیات سمجھنے لگے ہیں۔ ممّا کیا یہ بہتر نہیں ہوگا کہ آپ لوگ دولت کے بے بنیاد فرق کو مٹا کر ہمیں اچھی زندگیاں گزارنے کا موقع دے دیں۔‘‘ وہ راست گوئی سے کام لے رہی تھی۔ میں اس جرأت پر حیران تھی۔
ان لمحوں میں میں نے عہد کرلیا۔ اپنی بیٹی کو وہ غیر محسوس خوشیاں دینے کا، جن سے دل شاد رہتے ہیں۔ میں نے عہد کر لیا سرفراز خان سے ٹکر لینے کا۔ معصوم دلوں کے ارمان پورے کرنے کا۔ شادی ہی تو زندگی کا اہم موڑہوتا ہے۔ جو پوری زندگی پر محیط ہوجاتا ہے۔
اسی رات میں نے ٹیلی فون پر سرفراز خان سے بات کی۔
’’سرفراز خان! ہمیں ایک دوسرے سے کوئی شکوہ نہیں۔ میں نے زر و جواہر اور شہرت کی جھوٹی خوشیوں کے سائے میں اور آپ نے عارضی سہاروں کے سائے میں زندگی گزار دی۔ لیکن اپنی بیٹی کو میں سچی خوشیاں دینا چاہتی ہوں۔ اس کی شادی جاگیر سے نہیں اس انسان سے ہوگی جسے اس کا دل قبول کرے گا۔‘‘
میں منتظر تھی، اس کے سخت لہجے کی، اس کے سخت فیصلے کی۔
’’کیا بات ہے فضّہ؟ یہ تم دونوں خواتین نے میرے جاتے ہی ساز باز کرلی ہے شاید۔‘‘
میں جان گئی دوسری خاتون کون تھی۔ میں نے جواب میں کچھ نہیں کہا۔
’’سچ سچ بتائو یہ تم دونوں کی آرزو ہے یا شاہنواز اور شانزہ کا فیصلہ۔‘‘
’’کیا آپا نے آپ کو اور کچھ نہیں بتایا؟‘‘
’’بتایا ہے لیکن صرف شاہنواز کے بارے میں۔ کیا شانزہ بھی۔۔۔‘‘
’’ہاں سرفراز خان! شانزہ کو جو حق اللہ کے قانون اور شریعت نے دیا ہے ہم اس سے وہ حق نہیں چھینیں گے۔‘‘
’’تم اپنے گھر کی مطلق العنان حکمران ہو۔ یہ فیصلہ کرنے کا اختیار یقینا تمہیں ہے۔‘‘
’’شکریہ سرفراز خان! یہ خوشی دے کر آپ نے تمام محرومیوں کا ازالہ کر دیا۔ ورنہ مجھے ساری دولت آپ کی نذر کر کے یہ خوشیاں خریدنا پڑتیں۔ حتیٰ کہ جان دینا پڑتی تو دریغ نہ کرتی۔‘‘
’’یور میجسٹی، شانزہ صرف آپ کی ہی نہیں میری بیٹی بھی ہے۔‘‘ وہ موڈ میں تھا۔
’’اور ہاں! شاہنواز نے تو اسی کامنی سی لڑکی کو ہماری بہو چنا ہے نا جس کا نام ماورا محسن تھا۔‘‘ خلافِ توقع اسے ماورا یاد تھی۔
’’جی ہاں۔‘‘
’’لیکن وہ نامعقول لڑکا کیا اس قابل بھی ہے کہ ہم بصد فخر اسے اپنا بیٹا کہہ کر لوگوں سے متعارف کراسکیں۔‘‘ اس کی حسنِ ظرافت جاگ اٹھی تھی۔
’’خود ہی دیکھ لیجےے گا میں کیا کہوں۔‘‘
’’فضّہ۔۔۔!‘‘
’’ہوں۔‘‘
’’تم نے شانزہ کو ہمیشہ گھر سے دور رکھا تو مجھے کبھی یہ احساس ہی نہ ہوسکا کہ میں ایک بیٹی کا باپ ہوں۔ لیکن یہ پانچ دن جو میں ایک نہیں کئی بیٹیوں کی سنگت میں گزار آیا ہوں۔ انہوں نے مجھے اندر تک بدل دیا ہے۔ اب سرفراز خان وہ نہیں رہے گا جو آج سے پہلے تھا۔ وہ غفور الرحیم تو، توبہ کے دروازے ہر دم کھولے ہی رکھتا ہے۔‘‘
میری آنکھیں بھر آئیں، تشکّر کے احساس سمیت۔
خخخخ
زیادہ عرصہ نہ گزرا، صرف چھ ماہ ۔ ان چھ ماہ میں کئی تبدیلیاں رونما ہوئیں۔ داستان تو یہ بھی طویل ہے لیکن آپ کو تفصیل سے نہیں بتائوں گی۔ میجر حسن اسد تک، جو اب بھی فوج میں اعلیٰ عہدے پر تھے، کیسے پہنچی۔ کیسے ان سب پیارے لوگوں سے معافی طلب کی۔ کیسے ان کے دلوں تک رسائی پائی۔ بس وہ سب فراخ دل تھے۔ میری ہر خطا بھلا ڈالی انہوں نے، اور حسبِ وعدہ محسن حسن یا شانزہ پر یہ ظاہر ہی نہ ہونے دیا کہ میں ہی وہ لڑکی تھی جس سے وہ دونوں شدید نفرت کرتے تھے۔
اس گھر میں چپّہ چپّہ، گوشہ گوشہ یادوں کا امین تھا۔ اس اسیرِ وفا کا جس نے وفا کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی تھی۔ جس نے اپنا ہر کہا پورا کر دکھایا تھا۔ ڈرائنگ روم میں سجی اس کی بڑی ساری تصویر ہر نئی صبح کے اجالے میں ایک تازہ پھولوں کے ہار سے سجی رہتی تھی۔ پچیس سال گزر جانے پر بھی۔
میں اس کی عظمتوں کے آگے اپنی پستیوں سمیت سخت نادم اور شرم سار تھی، سرنگوں تھی۔
سرفراز خان اسلام آباد سے خصوصی طور پر شاہنواز کے بزرگ کی حیثیت سے حسن اسد کے پاس آیا۔ اس کا پرپوزل دینے، جسے بصدِ احترام انہوں نے قبول کیا۔ اگلے ہفتے وہ سب لوگ صادق گنج میں شانزہ کے لےے آئے۔ دونوں شادیاں مقرر ہوگئیں اور پھر انجام بھی پاگئیں۔
ذہنی طور پر میں پُرسکون ہوگئی۔ محسن حسن دوسری بار آیا تو محسن اسد کی ایک تصویر میرے گھر کے اس وسیع کمرے میں آویزاں کر گیا۔ جو میں نے اس کے اور شانزہ کے لےے نیا سجایا تھا۔
’’ممّا! چاچو کے بغیر مجھے قرار نہیں آتا۔ اس لےے یہ تصویر یہاں لے آیا۔‘‘
’’اچھا کیا بیٹے۔‘‘
اب کیا کہتی کہ میری ذات پر بہت بڑا احسان کیا تم نے ہر روز میں خود اپنے ہاتھوں ہار گوندھ کر اس شہیدِ وطن کی نذر کرتی ہوں۔ آنسوئوں کے انمول خزانوں سمیت۔
آج کل میں سوچ رہی ہوں، مجھے ان ہاروں کی تعداد میں اضافہ کر دینا چاہےے۔
ایک ہار شہیدِ وفا ہونے کے اعزاز میں
اور دوسرا اسیرِ وفا ہونے کے اعزاز میں
خخخخ
زہرہ آج کل بھی میرے پاس آتی ہے میں نے اسے بھی محسن اسد کی تصویر دکھائی۔ شاید وہ اس کی اہمیت سمجھنے سے قاصر ہو۔ لیکن اس کی آنکھیں بھی محسن کے حضور نم تھیں۔
زہرہ بہت خوش ہے۔ گلزار کو سنسان دیکھ کر۔ اب گلزارمیں کوئی عورت نہیں جو سرفراز کو ادائوں کے جال میں گرفتار کر سکے۔ وہ سارا پیسہ اس نے ان عورتوں کے نام لگادیا ہے جو زہرہ کی طرح غیرت مند اور باحیا ہیں اور اس کا یہ عمل مجھے بھی سکون دیتا ہے۔
*****









