خوشبو سے رنگ ملتے ہیں – راحت جبیں

روایت - ثمرہ بخاری 2

اس نے خاصی بے زاری سے کرسی پر پہلو بدلتے ہوئے سب پر سرسری سی نگاہ دوڑائی تھی۔ ہر کوئی اپنی اپنی سرگرمیوں میں اور باتوں میں مصروف تھا۔ بشریٰ بلیک بورڈ پر کارٹون بنانے میں مصروف تھی۔ علینہ کو شعر یاد آرہے تھے۔ وہ بہت خوب صورتی سے شعر لکھ رہی تھی گویا خوش خطی میں انعام حاصل کرنا ہو۔ دونوں نے علیحدہ سے درمیان میں لکیر کھینچ کر بلیک بورڈ آدھا آدھا بانٹ رکھا تھا۔ ثمینہ روسٹرم پر کھڑی نہ جانے کس کو اپنی تازہ لکھی انگلش پوئم سنا رہی تھی۔ اب کوئی نادیدہ ہستی سامنے تھی تو معلوم نہیں ورنہ کلاس روم میں تو کوئی اور نہیں سن رہا تھا۔ روحہ بڑے جوش و خروش سے اپنے گروپ کو بمعہ ایکشن ’’دی لاسٹ ورلڈ‘‘ کی کہانی سنارہی تھی۔ فضہ کا گروپ فرحت عباس شاہ کی شاعری پر تبصرہ کر رہا تھا۔ ریحانہ کو خاندانی مسئلہ درپیش تھا۔ وہ سرگوشیوں میں امینہ کے ساتھ سر جوڑے ڈسکس کر رہی تھی۔ عریشہ اپنے گروپ کو ملک کی سیاسی صورت حال سے آگاہ کر رہی تھی۔ وہ مرعوب سی ہو کر سن رہی تھیں۔ نائلہ کا گروپ سب سے بے نیاز اپنے نوٹس اور تیاری ڈسکس کر رہا تھا۔ عنبرین کو یہ پریشانی لاحق تھی کہ خاندان میں اکٹھی چار شادیوں پر وہ کون کون سے سوٹ پہنے۔ اس کے عقب میں عظمیٰ زور زور سے سمری کو رٹا لگانے میں مصروف تھی۔ کچھ خاموش چہرے تھے۔ کچھ دوسروں کی اوٹ پٹانگ حرکتوں سے محظوظ ہوتے اور کچھ اس کی طرح بے زار، اس نے ایک بار پھر سب کو دیکھا۔ یوں لگتا تھا، یہی آخری موقع ہے بات کرنے اور اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا۔ اس کے بعد یہ چھت سر پر آگرے گی یا سب گونگے ہوجائیں گے۔

ایک ساتھ اتنی ساری آوازوں پر توجہ دینے کا نتیجہ یہ نکلا کہ اسے لگا ایک تالاب میں کئی بطخیں ہیں جو اکٹھی قیں۔۔۔ قیں۔۔۔ کر رہی ہیں۔

اس نے گھبرا کر ونیزہ کا کندھا ہلایا جو عمارہ سے رشین سلاد کی ترکیب لکھوا رہی تھی۔

’’وینی! چلو کلاس بنک کرتے ہیں۔‘‘

’’ہیں۔۔۔ وہ کیوں؟‘‘

’’مجھے بھوک لگ رہی ہے۔‘‘

’’ابھی دوسرا پیریڈ ہے۔‘‘

’’تو میں نے ناشتا نہیں کیا نا۔‘‘

’’ناممکن۔‘‘

’’سچ کہہ رہی ہوں۔ پھر دیکھو نا فاری بھی نہیں آئی۔ لگتا ہے اس کا بھی کلاس لینے کا موڈ نہیں ہے۔‘‘

’’یار! اب میڈم اسٹاف روم سے نکل چکی ہوں گی۔‘‘ اس نے عذر پیش کیا۔

’ہم ان سے پہلے نکل جائیں گے۔‘‘ وہ اچھل کر کھڑی ہوئی اور اسے بھی کھینچ لیا۔

’’بس اتنی سی بات تھی۔‘‘ اس نے کلاس روم سے باہر آکر کہا پھر دو قدم چل کر رک گئی۔

’’میرا بیگ کلاس روم میں رہ گیا ہے۔‘‘

’’شاباش۔‘‘ ونیزہ نے گھورا۔

اس نے مزید کچھ بھی سنے بغیر پیچھے کی طرف دوڑ لگائی۔ بہ عجلت بیگ گھسیٹا۔ ایک لڑکی سے ٹکرائی۔ دوسری کرسی سے اور تیسری کرسی عین دروازے میں زمین بوس ہوئی تھی۔ کاریڈور کے آغاز میں مس ممتاز ظہیر کی جھلک نظر آتے ہی انہوں نے دوڑ لگادی تھی۔

’’اب فارینہ کو کہاں ڈھونڈیں؟‘‘ فائن آرٹس روم کے سامنے کھڑے ہو کر سانس درست کرتے ہوئے اس نے پوچھا تھا۔

’’چلو، ایک رائونڈلگاتے ہیں۔ تب تک برگر بھی بن جائیں گے۔‘‘ برگر والی ڈبل روٹی کے دونوں بڑے لفافے اسلم بھائی کے موٹر سائیکل دائیں بائیں جھول رہے تھے اور وہ جانتی تھیں، اس موقع پر کینٹین میں داخل ہوئیں تو اسلم بھائی دونوں ہاتھ اٹھا کر کہہ دیںگے۔

’’ڈبل روٹی میں ابھی لے کر آیا ہوں۔ چنے کا پتیلا چولہے پر ہے اور سموسوں کا میدہ ابھی تیار نہیں ہوا۔‘‘

فائلوں پر انگلیاں بجاتی وہ پرسوں والے مینا بازار کو ڈسکس کرتے ہوئے رائونڈ لگانے لگیں۔

’’وہ عائزہ کی جو کزن آئی تھی۔ وہ کتنی پیاری تھی نا۔ گوری گوری سی۔۔۔‘‘ چینا نے خیال آرائی کی۔

’’ہاں مگر اس کی ناک بہت موٹی تھی۔‘‘ ونیزہ نے جواب دیا۔

’’اچھا۔۔۔!‘‘ چینا نے ذہن میں اس کی ناک لانے کی کوشش کی پھر ناکام ہو کر بولی۔

’’میں نے اس کی ناک پر غور نہیں کیا۔ ویسے تو پیاری تھی۔ اور حمنہ کی باتیں سنی تھیں۔ اب تو اس کے گھر میں سب کچھ آگیا ہے۔ کہہ رہی تھی۔

ہر کمرے میں کارپٹ آگیا ہے۔ ٹیپ ریکارڈر سے لے کر کمپیوٹر تک ہر چیز۔‘‘

’’ہاں اس کے دونوں بھائی جو باہر چلے گئے ہیں۔ مگر مجھے تو گپ بازی لگ رہی تھی۔ سوٹ دیکھا تھا اس کا دو سال پرانا پرنٹ۔۔۔‘‘ ونیزہ نے ناک چڑھائی۔

’’میں نے اس کے سوٹ پر غور نہیں کیا۔‘‘ چینا نے نفی میں سر ہلایا۔

’’دوپٹہ پچاس روپے والا اور جوتا سیل کا۔‘‘ اس نے مزید بتایا۔

’’یہ سب تو میں نے نہیں دیکھا۔۔۔‘‘ چینا نے اپنا مخصوص جواب دیا تھا۔ روش کو چھوڑ کر وہ فوارہ گرائونڈ میں آگئیں۔ گھنے درختوں کی چھایا میں سرسبز گھاس پر فوارے کا پانی موتیوں کی طرح گر رہا تھا۔

’’تم فائزہ سے ملی تھیں جو میٹرک میں ہمارے ساتھ ہوتی تھی؟‘‘ ونیز کو یاد آیا۔

’’ہاں وینی! وہ تو بہت بدل گئی ہے۔ پہلے سے زیادہ خوب صورت ہوگئی ہے۔‘‘ چینا کی وہی عادت ہر چیز کا مثبت پہلو دیکھنا۔

’’گھر بیٹھ بیٹھ کر موٹی ہوگئی ہے۔ پیٹ دیکھا تھا، کیسے پھولا ہوا تھا۔ لگتا ہے گھر بیٹھ کر کھاتی رہتی ہے۔‘‘

چینا نے قدرے تحیر سے اسے دیکھا۔

’’وینی! تو نے اس کا پیٹ بھی دیکھ لیا تھا؟‘‘ جواباً اس نے دھپ لگائی تھی۔

’’تو یہ بتا، مینا بازار پر اتنا لیٹ کیوں آئی تھی؟‘‘

وہ واقعی تایا ابو کی وجہ سے لیٹ ہوگئی تھی۔ کالج پہنچی تو فنکشن اسٹارٹ ہوچکا تھا۔ اور وہ دونوں بے تابانہ گیٹ کے ارد گرد چکرا رہی تھیں۔ اس کے اندر داخل ہوتے ہی اسے گھسیٹ لے گئیں جہاں فورتھ ایئر کی نبیلہ ’’جتی قصوری، پر پنجابی فلموں کی ہیروئن کی نقل اتار رہی تھی۔ سرخ لاچا، سبز کرتا، لمی ڈانگ اس پر اس کا بھاری بھرکم وجود۔ ٹرو کاپی لگ رہی تھی۔ اس کے بعد کچھ خاکے، ڈرامے جس پر بس ہوٹنگ ہی ہوتی رہی لیکن جب جواد کا۔۔۔ اُچیاں مجاجاں‘‘ والی پر سیکنڈ ایئر کا گروپ ڈانس کے لےے آیا تو باقی سب تو ایک طرف فارینہ کو کون روکتا۔ اس نے اپنی جگہ پر کھڑے ہو کر وہ ڈانس کیا کہ چینا اس کے بازو اور ونیزہ کی اس کی ٹانگیں دبوچنے کی کوشش بھی ناکام ہوگئی۔ بمشکل اسے ہاتھ جوڑ کر بٹھایا گیا۔ چینا اس بات پر غصہ ہوتی رہی کہ اس نے ندا آپی کی شادی پر ڈانس کرنا تھا۔ فارینہ نے اسے ایک اسٹیپ بھی نہیں دیکھنے دیا۔

’’ہم تو جھولے لیں گے۔‘‘

فنکشن ختم ہونے کے بعد برگر، کوک اور فروٹ چارٹ ٹھونس کر وہ لوگ فوارہ گرائونڈ کی طرف لپکیں، جہاں پینگ بھی موجود تھی اور بجلی سے چلنے والے جھولے بھی۔ چینا نے تو گرائونڈ میں قدم رکھنے سے بھی انکار کر دیا تھا۔ مگر وہ اسے بہلا پھسلا کر جھولے تک لے آئی۔ اس کے ہاتھ سے بیگ کھینچ کر زمین پر پٹخا۔ جس میں میک اپ کا سامان، چینا کا کیمرا، ونیزہ کے بھائی کی شادی کی مووی، جو وہ وینا کو دینے کے لےے لائی تھی۔ پاس کھڑے ایک گروپ کو بیگ کا خیال رکھنے کا کہہ کر دونوں نے کھینچ کھانچ کر جب جھولا اوپر چڑھنے کو تیار تھا اور بھاری زنجیرہٹالی گئی تھی۔ اسے بھی سوار کروالیا۔ وہ پہلے تو خاموش ہی رہی۔ جھولا آہستہ آہستہ اوپر اور پھر اوپر سے نیچے آیا اور اگلے چکر میں جو اس نے اسپیڈ پکڑی تو چینا کے گویا ہفت آسمان گھوم گئے تھے۔ چیخیں مارتی ہائے امی، ہائے امی کہتی فارینہ کی گود میں جا سمائی۔ نہ جھولا رکتا تھا نہ اس کی چیخیں۔ اور جھولا چلانے والے دانت نکال نکال کر ہنس رہے تھے۔ بعد میں دونوں نے مل کر خوب اس کا مذاق اڑایا۔ مگر وہ شرمندہ ہونے کی حالت میں نہ تھی۔ چکراتے سر، اتھل پتھل ہوتے دل اور پیلی رنگت لےے گھاس پر ڈھیر ہوگئی۔

’’ارے بیگ کہاں گیا؟‘‘ ونیزہ کو اچانک خیال آیا۔ نہ بیگ تھا نہ فورتھ ایئر کا گروپ۔

’’شاید نورین وغیرہ اپنے ساتھ لے گئی ہوں۔‘‘

ونیزہ نے خیال آرائی کی۔ لیکن جو نورین وغیرہ کو ڈھونڈا گیا۔ تو انہوں نے کہا۔

’’گاڈ۔۔۔! ہمیں تو خیال ہی نہیں رہا۔‘‘

غصہ تینوں کو بہت آیا تھا مگر یہ غصہ نکالنے کا تو وقت نہیں تھا۔ سارا گرائونڈ چھان لیا۔ فارینہ فوارے کے پانی میں بھی جھانک آئی۔ ہر کسی سے پوچھ لیا۔ وقت ہوگیا تھا۔ گیٹ بھی کھل گیا۔ باہر رکشے، وین، گاڑیاں، ٹانگے اکٹھے ہوچکے تھے۔

چینا کا رنگ فق ہوگیا۔ پچیس ہزار کا ’’موولٹا‘‘ کا کیمرا تھا۔ سلمان بھائی نے باہر سے بھجوایا تھا۔ تائی اماں تو دے ہی نہیں رہی تھیں کہ اتنی مہنگی چیز ہے۔ مگر وہ ضد کر کے لے آئی کہ آٹو میٹک کیمرا ہے۔ رزلٹ بھی بہت اچھا دیتا ہے۔

ونیزہ خود پریشان تھی۔ مووی نہ جانے کس کے ہاتھ لگ جاتی۔

میڈم سے بات کی انہوں نے تحمل سے سنا پھر ان کی لاپروائی پر لیکچر دینے لگیں۔ مس طاہرہ کو ترس آیا تو انہوں نے یہ کہہ کر جان چھڑائی۔

’’جائیں، چوکیداروں سے پتا کریں۔ گیٹ کھل گیا ہے۔ چور بیگ سمیت غائب ہوجائے گا۔ وہ مایوس اور فکر مند چہرے لےے دوبارہ سے گرائونڈ کی طرف آئیں۔ جہاں کی رونق اب ماند پڑنے لگی تھی۔ تب ہی ایک طرف بیٹھے اپنی چھاتی سے کالے کلوٹے بچے کو چمٹائے دودھ پلاتی مائی نے اشارے سے انہیں پاس بلایا۔ وہ شاید کوئی فقیرنی تھی۔ رش کا فائدہ اٹھا کر اور انکل (چوکیدار) کی نظر بچا کر اندر گھس آئی تھی۔

’’کوئی چیز گم ہوگئی ہے؟‘‘ اس کا لہجہ ہمدردانہ تھا۔

چینا کے آنسو چھلک جانے کو بے تاب ہوگئے۔

’’وہ جو جھولے کے اس طرف کالی چادر نہیں پڑی۔ اسے اٹھا کر نیچے دیکھو۔‘‘

ان کے بتانے پر اس نے رازدارانہ انداز میں بتایا تھا۔ انہوں نے لپک کر چادر اٹھائی۔ نیچے بلیک لیدر کا بیگ پڑا تھا۔ انہوں نے تیزی سے کھول کر دیکھا۔ ہر چیز اندر موجود تھی۔ جب بیگ اٹھا کر واپس آئیں تو ونیزہ نے مائی کو پچاس روپے کا نوٹ دیا تھا۔ وہ دعائیں دیتی بچے کو کندھے سے لگائے چلی گئی۔ مگر اس نے یہ نہیں بتایا تھا کہ یہ بیگ کس نے اٹھایا تھا۔ جو بھی تھا، وہ تو بیگ سینے سے لگا کر تایا جان کی گاڑی میں جا گھسی۔

’’تم نے گھر جا کر بتایا تھا وینی۔۔۔؟‘‘ چینا نے پوچھا۔

’’نہیں یار! بھائی سے ڈانٹ کھانی تھی۔ان سب کے لیکچر ایک طرف مگر یہ سبق تو مل گیا کہ اپنی چیزوں کی حفاظت خود کرنی چاہےے۔‘‘

’’میں نے مانہ کو بتادیا تھا اور ان کی ڈانٹ بھی سنی تھی۔‘‘

’’ہاں۔ تم سے کہاں رہا جاتا۔۔۔ یہ دیکھو۔۔۔‘‘ ونیزہ ٹھٹک کر رکی۔ جھولے ابھی تک وہیں ایستادہ تھے۔ اور نچلے بکس میں فارینہ مزے سے چھپی بیٹھی۔

خواتین ڈائجسٹ کا مطالعہ کر رہی تھی اور اتنی منہمک تھی کہ ان کے آنے کی بھی خبر نہ ہوئی تھی۔

’’بدتمیز۔۔۔‘‘ دونوں نے مل کر زور سے جھولے کو جھٹکا دیا۔

فارینہ کی چیخ نکل گئی۔

’’اب مزا آیا۔۔۔‘‘ وہ دونوں ہنسنے لگیں۔

’’شرم تو نہیں آتی۔۔۔‘‘ فارینہ نے گھورا۔

’’تمہیں تو آتی ہے۔۔۔ ؟ گھر سے پڑھنے نکلی ہو اور یہاں بیٹھ کر ڈائجسٹ پڑھے جارہے ہیں۔‘‘ ونیزہ نے اس کے ہاتھ سے ڈائجسٹ جھپٹا۔

’’وینی! وینی۔۔۔! بس تھوڑا سا رہ گیا ہے۔ گھر میں تو امی نہیں پڑھنے دیتیں کہ ایگزام قریب ہیں۔‘‘

’’وہ بالکل ٹھیک کرتی ہیں۔‘‘ وہ ڈائجسٹ کی ورق گردانی کرنے لگی۔

’’تم نے ابھی تک پڑھا نہیں۔ میں نے تو شعاع پورا پڑھ لیا ہے۔‘‘ چینا نے لوہے کے جنگلے میں پائوں پھنسایا اور اچک کر جھولے میں جا بیٹھی۔ لوہے کی زنجیر میں قید جھولا اسے لے کے اڑنے سے تو رہا۔

’’پڑھ لیا ہے۔ بس وہ زیب چوہدری کا ناول۔۔۔‘‘

’’ہائیں۔۔۔ خواتین ڈائجسٹ میں زیب چوہدری کا ناول آیا ہے۔‘‘

اور لسٹ میں زیب کا نام ڈھونڈنے لگی۔

’’کیونکہ اگر تمہیں پتا چلتا تو تم نے فوراً ڈائجسٹ منگوالینا تھا اور مجھے سلسلے وار ناول پڑھنے تھے۔ اس لےے نہیں منگوایا۔‘‘

ڈائجسٹ پڑھنے کی اجازت انہیں کالج میں آنے کے بعد ہی ملی تھی اور وہ بھی زیادہ نہیں صرف ایک۔ اس کا حل انہوں نے یہ ڈھونڈا کہ تینوں مختلف ڈائجسٹ خرید لیتی تھیں بعد میں ایک دوسرے سے لے لیتیں۔ چینا کی فیورٹ رائٹرز میں ٹاپ آف دا لسٹ زیب چوہدری تھیں اس قدر خوب صورت، شوخ و شنگ ناول لکھتیں کہ پڑھنے والا متواتر قہقہے لگاتا۔ اور چینا کی تو عادت تھی جہاں اپنی فیورٹ رائٹرز کا ناول یا افسانہ دیکھتی،وہ ڈائجسٹ اپنے قبضے میں کر لیتی۔ پھر ان پر کور چڑھا کر سنبھال کر اپنے بک ریک میں رکھتی، اپنی تمام تر لاپروائیوں اور لا ابالی فطرت کے باوجود یہ کام وہ بہت شوق اور انہماک سے کرتی تھی۔

’’کیسا ہے ناول؟‘‘

’’بہت دلچسپ۔۔ پتا ہے ناول کا ہیرو۔۔۔‘‘وہ جوش میں شروع ہونے والی تھی کہ چینا نے ہاتھ جوڑ دےے۔

’’پلیز۔۔۔ پلیز سنانا نہیں۔‘‘

چینا نے آگے بڑھ کر اس کا منہ دبایا اور دھمکی آمیز لہجے میں گویا ہوئی۔

’’ایک لفظ بھی اور منہ سے نکالا تو گلا دبادوں گی۔‘‘

’’ہونہہ۔۔۔ ‘‘ وہ کچھ خفا ہو کر جھولے سے باہر نکل آئی۔ چینا نے اس کی جگہ پر قبضہ جمالیا۔

’’یہاں کیوں بیٹھی ہو۔ چلو کینٹین پر چلیں۔‘‘ ونیزہ نے جھولے کو جھٹکا دیا۔

’’نہیں۔ تم لوگ یہیں لے آئو۔۔۔ پیریڈ تو چھوڑا ہی ہے۔ میں ذرا یہ ناول پڑھ لوں۔‘‘

’’یہ فائول ہے چینا۔‘‘ وہ ڈھیٹ بن گئی۔ ہاتھ میں زیب چوہدری کا ناول ہو تو اسے کچھ اور سوجھتا ہی کہاں تھا۔

’’اٹھ جا چینا کی بچی۔‘‘

وہ دونوں جھولا ہلانے لگیں۔

’’شاباش۔۔۔ شاباش۔۔ مزا آرہا ہے۔‘‘ وہ آرام سے گویا ہوئی۔

’’چلو ٹھیک ہے۔ باری باری ایک دوسرے کو جھولے دیتے ہیں۔‘‘ فارینہ کو یہ آئیڈیا خاصا پسند آیا تھا۔

’’پہلے میں۔۔۔‘‘ چینا نے اندر موجود ہونے کا فائدہ اٹھایا۔ وہ دونوں جھولے کو حرکت دینے لگیں۔ بلکہ فارینہ باقاعدہ گنگنانے لگی۔

’’جھولا جھولو ری سکھی ساون آیا۔‘‘

’’نومبر کے مہینے میں ساون۔۔۔؟‘‘ چینا ہنسنے لگی۔ وہ دونوںکچھ زیادہ ہی ترنگ میں آگئی تھیں۔ چینا کو بھی مزا آرہا تھا۔ نہ جانے کیا ہوا، شڑ۔۔۔ڑ۔۔۔ڑ۔۔ کی آواز کے ساتھ زنجیر ایک دم کھلی اور آن واحد میں جھولا ہاتھوں سے نکل کر پرواز کر گیا۔ دوسرے معنوں میں اڑن کھٹولا سکھی کو لے اڑا تھا۔ نہ ان کی کچھ سمجھ میں آیا نہ چینا کے منہ سے آواز نکلی اور دوسرے پل اس نے آسمان کو دو ہاتھ کے فاصلے پر دیکھا تو چیخوں سے درختوں کی پھننگ پر بیٹھی چیلیں بھی اڑا دیں۔ نیچے والی نہ جانے کیوں چیخنے لگی تھیں۔ ذرا حواس بحال رکھتی تو مسئلے کا حل بھی نکل آتا مگر اوپر جھولا جھولتی سکھی اب ساون کی جگہ ہائے امی، ہائے امی چیخ رہی تھیں۔ نیچے ’’بچائو، بچائو‘‘ کے نعرے لگ رہے تھے۔ آن واحد میں سارا کالج جمع ہوگیا۔ کلرک آفس سے سر نذیر اور سر حبیب بھاگے آگئے۔ کینٹین سے اسلم بھائی، کیاریوں میں سے میرو بابا اور دوسرے کونے سے اماں نور جہاں اپنے بھاری بھرکم وجود کے ساتھ لڑھکتی آئیں۔ طالبات کے ساتھ ساتھ لیکچرار بھی آگئیں۔ پہلے ڈپٹ کر نیچے والی دونوں احمقوں کو خاموش کروایا۔

پھر اسلم بھائی کو اشارا کیا۔ انہوں نے جوتا اتارا۔ ادھر اُدھر ڈنڈوں پر پائوں رکھتے اوپر چڑھے۔ ایک جمپ کے ساتھ چینا والے جھولے کا کنارہ پکڑ کر لٹک گئے۔ جھولا ان  کے بوجھ سے نیچے آنے لگا۔ تو سر نذیر نے آگے بڑھ کر زنجیر کو دوبارہ ہک میں پھنسا دیا۔ اندر نیم بے ہوش سکھی کو کھینچ کھانچ باہر نکالا۔ اسلم بھائی بھاگ کر کینٹین سے کوک لے آئے۔ چینا نے نیم وا آنکھوں سے اپنے ارد گرد موجود ہجوم، سکھیوں کے فکر مند چہرے اور ان کے عقب میں جھانکتے پرنسپل کے چہرے کو دیکھا۔ تو مکمل بے ہوش ہوجانا زیادہ مناسب سمجھا تھا۔ فارینہ نے اسلم بھائی کے ہاتھ سے کوک پکڑی اور غٹاغٹ چڑھا گئی۔

ـــــ

سہ پہر کا ٹھہرا ٹھہرا، خاموش سا وقت تھا۔ موسم بدلنے لگا تھا۔ لوگوں نے لمبی نیند لینا چھوڑ دی تھی۔ مگر کالج سے آکر یونہی غنودگی سی چھا جاتی تھی۔ کالج سے آکر کھانا کھانے کے ساتھ ساتھ سارے دن کی روئیداد سمانہ کے گوش گزار کر کے ذرا دیر کو صوفے پر نیم دراز ہوئی تو دو گھنٹے کے لےے غافل ہوگئی۔ یونیفارم بھی نہیں بدلا تھا۔

تائی امی حسبِ معمول بڑبڑائیں۔

مگر سمانہ نے اسے ڈسٹرب کرنا مناسب نہیں سمجھا۔ کچی نیند سے اٹھ کر وہ کچھ زیادہ ہی جھنجلاتی تھی۔ مگر پوسٹ مین کی مخصوص تیز بیل پر وہ ہڑبڑا کر جاگی۔ ایک پل کو لگا، وہ کسی جھولے میں بیٹھی ہے تو تیزی سے اٹھ بیٹھی۔ پھر آنکھیں ملتی پوسٹ مین کو کوستی ننگے پائوں واپس آئی۔ تو بینا آپی کے ہاتھ میں خط تھا۔ امی کا انہماک دیدنی تھا جب کہ سمانہ گم صم سی بیٹھی تھی۔

’’کس کا خط ہے؟‘‘

اس کے سوال کا جواب ندارد تھا۔ وہ بھی انہیں ان کے حال پر چھوڑ کر واش بیسن تک آئی اور رگڑ رگڑ کر منہ ہاتھ دھونے لگی۔ اور حسبِ عادت اس عمل میں پانچ دس منٹ تو لگے ہی تھے۔ بغیر تولےے کو چھیڑے وہ چارپائی تک آئی اور قریب پڑی کرسی پر دھپ سے بیٹھ کرپائوں بھی اوپر رکھ لےے۔

’’مانہ!، کچھ کھانے کو ملے گا۔‘‘

’’سیب لے لو۔‘‘ سمانہ نے آہستگی سے کہا۔

’’مانہ! پلیز لادو۔۔۔‘‘ گردن کو ہلکے ہلکے دباتی وہ تساہل سے بولی کہ ایک ہی زاوےے پر لیٹے لیٹے گردن اکڑ گئی تھی۔

سمانہ خاموشی سے اٹھ کر کچن میں چلی گئی۔

چینا نے گردن دباتے ہوئے قدرے حیرت سے تائی اماں کی طرف دیکھا جنہوں نے اپنا مخصوص پسندیدہ جملہ ’’بڑی بہن سے کام کرواتے شرم نہیں آتی تمہیں‘‘ نہیں بولا تھا۔ مگر وہاں تو منظر ہی کچھ اور تھا۔ جگمگاتا چہرہ، روشن آنکھیں۔ کچھ یہی عالم بینا آپی کا بھی تھا۔

’’کیا ہوا امی؟‘‘ اس نے حیرت سے پوچھا پھر ہاتھ بڑھا کر خط اٹھالیا۔

مگر انہوں نے پہلے ہی بتا دیا۔

’’تمہاری امریکہ والی خالہ کا بیٹا آرہا ہے۔‘‘

’’تو اس میں اتنا خوش ہونے والی کیا بات ہے؟‘‘ اس نے قدرے حیرت سے پوچھا اور خط کھولنے لگی۔ امریکہ والی خالہ نے کبھی بھولے سے بھی انہیں یاد نہ کیا تھا سو ان کے ساتھ جذباتی وابستگی نہ ہونے کے برابر تھی۔ مگر خط پڑھتے پڑھتے وہ چونک گئی۔ خالہ نے خواہش ظاہر کی تھی کہ اگر ان کے بیٹے کو سمانہ پسند آجائے تو دونوں کی منگنی کردی جائے۔

’’ہرگز نہیں۔۔۔‘‘ اس نے جھنجلا کر خط واپس پھینکا۔

سمانہ پلیٹ میں سیب اور چھری لے کر آگئی۔ وہ گود میں پلیٹ رکھ کر سیب کاٹتے ہوئے بولی۔

’’صاف انکار کردیں امی! بلکہ خط لکھ دیں کہ ان کو یہاں آنے کی ضرورت ہی نہیں۔ ہم کوئی شادی وادی نہیں کر رہے مانہ کی۔‘‘

’’لو خوامخواہ ہی۔‘‘ تائی امی فٹ سے بولیں۔ ’’پتا بھی ہے کتنی امیر ہے تمہاری خالہ، محل جیسا گھر وہ بھی امریکہ میں۔ پھیلا ہوا کاروبار، قسمت والوں کوملتا ہے ایسا رشتہ۔ سمانہ تو عیش کرے گی۔‘‘

’’کوئی عیش نہیں کرے گی امریکہ میں اور ہم مانہ کو اتنی دور بھیج بھی نہیں رہے اور اگر بھیجنا ہی ہے تو۔۔۔‘‘

’’تمہارے لےے بھی ساتھ ہی رشتہ ڈھونڈیں۔ بے فکر رہو۔ اس کا چھوٹا بھائی بھی ہے۔‘‘ بینا ہنسی۔

’’آپ کو زیادہ شوق ہے نا امریکہ جانے کا تو خود ہی کرلیں دونوں سے شادی۔‘‘ پلیٹ پٹخ کر وہ کمرے میں جا گھسی۔

’’پاگل ہے بالکل۔۔۔‘‘ بینا ہنسنے لگی۔

’’عادل بھائی آتے ہیں تو بات کرتی ہوں ان سے اور تمہارے ابو سے۔ دیکھیں، وہ کیا کہتے ہیں۔‘‘ تائی امی بینا سے کہہ رہی تھیں پھر خاموش کھڑی سمانہ سے پوچھنے لگیں۔

’’تمہاری کیا رائے ہے مانہ!‘‘

’’میں۔۔۔ مجھے کیا پتا۔۔۔‘‘ وہ کچھ گھبرا کر گویا ہوئی پھر پلٹ گئی۔

’’بن ماں کی بچیوں کو ماں بن کر پالا ہے۔ بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہوگا۔ خدا نا خواستہ ذرا بھی اونچ نیچ ہوگئی تو الزام مجھ پر ہی آئے گا۔‘‘

’’کوئی اندھا ہی بات کرے گا۔۔۔ ورنہ سب جانتے ہیں آپ نے کبھی مجھ میں اور سمانہ وغیرہ میں کوئی فرق نہیں رکھا۔‘‘ بینا چینا کا چھوڑا ہوا سیب کھانے لگی تھی۔

ـــــ

’’کیا امریکہ۔۔۔؟‘‘ ان دونوں نے سنا تو چیخ اٹھیں۔

چینا نے سر اٹھا کر ناگواری سے انہیں دیکھا۔ جو اپنے سامنے رکھے گرما گرم سموسوں کو بھلائے اسے یوں دیکھ رہی تھیں جیسے وہ پاگل ہو۔

’’تم پاگل ہو۔۔۔‘‘ گویا تصدیق چاہی۔

’’یہی سمجھ لو۔۔۔‘‘ اس نے فارینہ کے سامنے سے چٹنی کی پلیٹ اٹھا کر اپنے سموسوں پر ڈالی۔

’’احمق! ایسے چانس بار بار نہیں ملتے۔‘‘ ونیزہ جھنجلائی۔

’’بھلے ساری زندگی نہ ملےں۔‘‘ اس نے اطمینان سے چٹنی ڈالی اور سموسوں کا کچومر نکالنے لگی تھی۔

’’خوش قسمتی صرف ایک بار دستک دیتی ہے۔‘‘

’’ہم دروازہ نہیں کھولیں گے اور ایسی خوش قسمتی۔۔۔ بھاڑ میں جائے۔‘‘

’’خواب دیکھتے ہیں لوگ وہاں جانے کے۔‘‘

’’کبھی دیکھا کرتے تھے۔ اب تمہیں تو جیسے پتا ہی نہیں کہ وہاں مسلمان کیسی خوف زدہ زندگی گزار رہے ہیں۔ جس کا جی چاہتا ہے انہیں دہشت گرد قرار دے دیتا ہے چاہے۔۔۔‘‘

’’دیکھو بی بی تانیہ۔۔۔!‘‘ ونیزہ نے ہاتھ اٹھا کر روکا۔

’’ہم تمہارا لیکچر سننا نہیں چاہتے۔ بس سیدھے سیدھے سمانہ آپی کی شادی وہاں ہونے دو۔‘‘

’’خوامخواہ ہونے دوں۔۔۔‘‘ اس نے چمچ پٹخا۔ ’’وہ آکر تو دیکھیں یہاں اور مانہ سے شادی کے بارے میں سوچیں تو سہی۔‘‘

’’یہ لڑکی انہیں یہاں سے بھگا کر ہی دم لے گی۔ ابھی آئے تو ہیں نہیں۔ اس نے دشمنی باندھ لی ہے۔ کاش۔۔ کاش کوئی میرے کزن ہوتے۔‘‘ فارینہ نے ٹھنڈی سانس بھری۔

’’گولی مارو کزن کو۔۔۔ بریک ختم ہونے میں چند منٹ ہیں۔‘‘ اس نے اعلان کیا۔ خود ہاتھ صاف کر کے کوک کی طرف متوجہ ہوگئی تھی۔

’’تم نے زیب کا ناول پڑھ لیا؟‘‘

’’زبردست۔‘‘ وہ جوش سے بولی۔ ’’کل اتنی ٹینشن تھی۔ رات کو ناول پڑھا تو ساری اڑن چھو ہوگئی۔‘‘

’’مزے کی بات یہ کہ ناول میں بھی ہیرو باہر سے آتا ہے۔‘‘

’’زیب کے ناولوں میں کتنی ڈھیر ساری کزنز ہوتی ہیں۔‘‘ چینا نے حسرت سے کہا۔

’’صرف ہوتی نہیں ’’ہوتے‘‘ بھی ہیں۔‘‘ ونیزہ نے لقمہ دیا۔

’’نہ جانے کس دنیا کے ہوتے ہیں۔ بلا کے شوخ، شرارتی، پھر ایک دوسرے پرجان قربان کرنے کو تیار۔۔۔ جیسے اس ناول میں ہوا، بڑوں کے درمیان اتنی لڑائی کہ گھروں کے درمیان دیوار کھنچ گئی۔ مگر کزنز کا ملنا جلنا کم نہ ہوا۔ ایک ہمارے چچا کے بچے ہیں، ہمہ وقت مقابلہ بازی کو تیار۔ ہر تیسرے دن کسی نہ کسی بات پر لڑائی۔‘‘ فارینہ اپنے جھگڑالو کزنز کے ہاتھوں خاصی تنگ تھی۔

’’ تو حقیقت میں ایسا تھوڑی ہوتا ہے۔ یہ تو اک پیغام ہے کہ چھوٹی چھوٹی باتوں کے باوجود یوں بھی رہا جاسکتا ہے۔‘‘

’’فاری! تم نے کبھی زیب کا انٹرویو پڑھا ہے؟‘‘ چینا نے اشتیاق سے پوچھا۔

’’بھئی، جب سے میں نے ڈائجسٹ پڑھنا شروع کےے ہیں۔ ان کا کوئی انٹرویو نہیںپڑھا۔ میرا خیال ہے وہ دیتی ہی نہیں ہیں۔‘‘

’’تصویر بھی نہیں دیتیں۔ حالانکہ اتنا جی چاہتا ہے انہیں دیکھنے کو۔‘‘

’’خوب صورت تو یقینا ہوں گی۔ ان کی ہر ہیروئن بے حد حسین ہوتی ہے۔‘‘

’’ہوسکتا ہے۔ حسین نہ ہوں۔ اس لےے ان کی ہیروئن اتنی حسین ہوتی ہو۔‘‘ ونیزہ نے نکتہ نکالا۔

’’یقینا ینگ ہیں اور ڈھیر ساری کزنز میں رہتی ہیں۔‘‘ چینا نے خیال آرائی کی۔

’’تم ان کا فون نمبر کیوں نہیں لے لیتیں۔‘‘ فارینہ نے کہا۔

’’کہاں سے؟‘‘

’’آفس فون کر کے۔ ڈائجسٹ پر نمبر تو ہوتے ہی ہیں۔‘‘

’’وہ دے دےں گے؟‘‘

’’ٹرائی کرنے میں کیا حرج ہے۔‘‘

’’ٹھیک ہے آج ہی ٹرائی کرتی ہوں۔‘‘ چینا فوراً مان گئی۔ مگر گھر گئی تو پھوپھو اور پھوپھا جان چیچا وطنی سے آئے ہوئے تھے۔ بینا آپی کی شادی کی تاریخ لینے۔ ریحان بھی ساتھ تھے۔ بینا کی شادی ریحان سے بڑے فیضان سے طے تھی۔

’’آپ ویک اینڈ کا کہہ کر گئے۔ آج چار دن بعد آئے ہیں۔‘‘

چینا ان سے لڑنے لگی۔ ریحان کی جاب یہیں تھی۔ وہ قانون دان تھے۔ تحصیل داری کا امتحان پاس کر رکھا تھا مگر ابھی تک سیٹ نہیں ملی تھی۔ روز چیچا وطنی سے ساہیوال آتے۔ زیادہ دیر ہوجاتی تو یہں رک جاتے۔ ایک کمرا مستقل ان ہی کے لےے سیٹ ہوتا۔ سنجیدہ، بردبار اور سادہ سے انسان تھے۔ مگر چینا اپنے لاڈ ہر کسی سے اٹھوا لیا کرتی تھی۔ ریحان کے ساتھ تو بچپن ہی سے فری تھی۔ کبھی وہ اسے کالج چھوڑنے جاتے تو وہ چیخنے لگتی۔

’’تحصیل دار ہائوس والی سڑک سے جائیں۔‘‘ اور جب اس سرکاری گھر کے گرد لان میں جھاڑ جھنکاڑ اگا دیکھتی جس کو نہ جانے کب سے رنگ و روغن نصیب نہیں تھا تو فوراً ان کے کان پر جھک کر کہتی۔

’’جب یہ گھر آپ کو ملے گا تو سب سے پہلے اس کا لان ٹھیک کروائےے گا۔ میں روز آیا کروں گی۔‘‘

’’تمہیں تو مستقل اپنے پاس رکھوں گا۔‘‘ وہ اسے خوش کرتے۔

’’آپ کی بیوی رہنے دے گی۔‘‘ وہ ناک چڑھا کر کہتی۔

’’نہیں رہنے دے گی تو کان سے پکڑ کر باہر نکال دوں گا یا پھر ہم بیوی ہی ایسی ڈھونڈیں گے جو ہماری چینا کو برداشت کر سکے۔‘‘

ریحان تسلی دیتے۔ تو وہ خوش ہو کر اثبات میں سر ہلاتی اور اس وقت کا انتظار کرتی جب یہ گھر ریحان بھائی کو الاٹ ہوتا۔

’’بس زمینوں پر کچھ مسئلہ ہوگیا تھا۔‘‘ ریحان بھائی نے بتایا۔

بینا اور سمانہ کچن میں مصروف تھیں۔ بڑے سب ایک کمرے میںبند ہوگئے۔ نہ جانے کون کون سے معاملات ڈسکس ہورہے تھے۔وہ کچھ دیر بیٹھی ریحان بھائی سے باتیں کرتی رہی۔ پھر ریحان کو بھی ابو اور تایا ابو نے کمرے میں بلالیا۔ وہ اٹھ کر کچن میں آگئی۔۔۔ بینا کے لبوں پر ایک مستقل مسکراہٹ ڈیرہ ڈالے ہوئے تھی۔

’’اتنا کیوں خو ش ہورہی ہیں۔ جانا تو آپ کو چیچاوطنی کے چک ٤٤میں ہے۔‘‘

چینا چڑ کر گویا ہوئی۔ جب سے بینا نے سمانہ کو امریکہ بھیجنے کی حمایت کی تھی، وہ اس سے خاصا جھگڑنے لگی تھی۔

’’اب ہر کسی کی قسمت سمانہ جیسی تو ہوتی نہیں۔ ویسے لاہور میں فیضان کا اپنا فلیٹ ہے اور بقول پھوپھو کچھ دنوں کے بعد وہ مجھے وہیں بھجوادیں گی۔‘‘ بینا نے ہنستے ہوئے کہا تھا۔

وہ منہ بنا کر باہر نکل گئی کچھ دیر اِدھر اُدھر گھومتی رہی۔ پھر یاد آیا تو ڈائجسٹ میں نمبر دیکھ کر نمبر ملانے لگی۔ مگر مدیرہ نے اس کی لاکھ منتوں کے باوجود اسے زیب کا نمبر دینے سے انکار کر دیا تھا۔

’’آپ انہیں بذریعہ ڈائجسٹ خط لکھ دیں۔ پھر اگر وہ چاہیں تو آپ کو نمبر دے دیں گی۔ یوں ہم کسی کا نمبر نہیں دے سکتے۔‘‘

اس نے مایوس ہو کر فون بند کر دیا۔

ـــــ

’’ہیں! بینا آپی کی شادی کی ڈیٹ فکس ہوگئی ہے۔‘‘ وہ دونوں اچھل ہی تو پڑیں۔

’’تو اور کیا۔ دھڑا دھڑ تیاریاں ہورہی ہیں۔ پھوپھو تو پیسے دے گئی ہیں کہ بری کے لےے جوڑے بینا کی پسند کے خرید لو۔ آج بینا آپی کو ساتھ لے کر زیور کا آرڈر دینے جائیں گی۔‘‘

وہ نچلی سیڑھی پر ٹانگیں پھیلائے جوگر چڑھائے پائوں جھلانے میں مصروف تھی۔ کبھی کبھی جھک کر گھاس کا تنکا توڑ کر اس کی پتیاں نوچنے لگتی۔ چھوٹی چھوٹی دو چوٹیوں میں بھالو کی شکل کے پنک ہیر کیچ لگے تھے۔ پنک دوپٹہ، سیکنڈ ایئر کی علامت گلے میں مفلر کی طرح ڈالا تھا۔ شاہد آفریدی کے کور والی فائل اور بھالو کے شپ کا بیگ لاپروائی سے اوپر والی سیڑھی پر رکھا تھا۔ بالکل اسی حلےے میں فارینہ دونوں ہاتھوں پشت پر باندھے اِدھر سے اُدھر چکر ا رہی تھی۔ کبھی کبھی ونیزہ کے پاس رک کر بغوراس کی ادھوری تصویر دیکھنے لگتی۔ جو ایزل لگائے کالج کے ایک گرائونڈ میں آخری کونے میں ایستادہ اک خزاں رسیدہ قدیم درخت کو پینٹ کرنے میں مصروف تھی۔ جس کے نیچے ایک گدھے کا بچہ گھاس پر اِدھر اُدھر منہ مار رہا تھا۔

’’تم نے تو شادی پر ڈانس بھی کرنا تھا۔‘‘ ونیزہ نے برائون رنگ نکالتے ہوئے پوچھا۔

’’ہاں تو اور کیا۔ تم کسی دن گھر آنا۔ گانا بھی سلیکٹ کریں گے اور مجھے اسٹیپ بھی سکھا دینا۔‘‘

جب سے اس نے ونیزہ کو اپنے بھائی کی شادی میں ڈانس کرتے دیکھا تھا اس کے پیچھے پڑی تھی کہ اسے بھی ڈانس سکھائے۔

ان دونوں کا پیریڈ فری تھا۔ ونیزہ کو اپنی اسائمنٹ مکمل کرنا تھی۔ سو فرصت سے بیٹھی مہندی کے فنکشن کو ڈسکس کرتی رہیں۔ ونیزہ ساتھ ساتھ پینٹ کرتی رہی تھی۔ اس کا درخت اب اپنے خدوخال واضح کر رہا تھا۔

چینا کا ارادہ مہندی کے فنکشن میں پائجامے کے ساتھ شارٹ شرٹ سلوانے کا تھا۔ مگر ونیزہ کے بقول اس لم ڈھینگ وجود پر ایسا ڈریس اور اس پر ڈانس اونٹ رے اونٹ تیری کون سی کل سیدھی۔ ونیزہ کا نقشہ ایسا مضحکہ خیز تھا کہ اس نے فوراً یہ ڈریس ولیمے کے لےے اٹھا رکھا۔

’’ارے۔۔۔ تم نے وہ کل ڈائجسٹ کے آفس فون کیا تھا؟‘‘ اس ساری گفتگو کے درمیان فارینہ کو اچانک خیال آیا تھا۔

’’ہاں کیا تھا مگر انہوں نے تو صاف انکار کر دیا تھا۔ کہنے لگیں ڈائجسٹ کی معرفت خط لکھ دیں جیسے پہنچا ہی دیں گی۔‘‘ چینا منہ بنا کر گویا ہوئی۔

’’ارے تو لکھتے ہیں۔ کیا پتا پہنچ ہی جائے۔‘‘ فارینہ نے کہا تو ونیزہ نے بھی تائید کردی۔

’’چلو ٹھیک ہے۔‘‘ جینا نے فوراً فائل گھٹنوں پر رکھی۔ اس میں سے ایک صاف صفحہ نکالا، بال پوائنٹ ہاتھ میںپکڑا اور سوالی نظروں سے ان کی طرف دیکھا۔

’’اوپر کیا لکھوں؟‘‘

’’پیاری زیب!‘‘ فارینہ نے کہا۔ اور اس کے قریب بیٹھ گئی۔

’’اپنی سہیلی کو خط نہیں لکھ رہی ہو۔ لکھو۔۔۔ محترمہ زیب چوہدری صاحبہ۔‘‘ ونیزہ نے گھور کر کہا۔

’’اتنے فارمل الفاظ۔ ہم تو غالب کے اسٹائل میں خط لکھیں گے۔‘‘

فارینہ نے ایک چھوٹا سا کنکر اٹھا کر تاک کر گدھے کے سر پر دے مارا، جواب عین ان کے سامنے آکر گھاس چرنے لگا تھا۔ اس نے سر اٹھا ر ناگواری سے اس کو دیکھا جس نے اس کی محویت میں خلل ڈال دیا تھا۔ جواب اس کے کندھے پر جھکی خط لکھوا رہی تھی۔ ہر کسی کی اپنی پسند اور اپنی بات تھی۔ خاصے شور شرابے میں خط لکھا جارہا تھا۔ بیل کب کی ہوگئی تھی۔ پلے گرائونڈ میں جو اکّا دکّا لڑکیاں تھیں، وہ بھی پیریڈ لینے چلی گئں۔

’’بھاڑ میں جائو، تم جو مرضی لکھو۔‘‘

چوتھی بار فارینہ کی بات رد ہوئی تو وہ ہاتھ جھاڑ کر کھڑی ہوئی اور سیڑھیوں سے نیچے اتر آئی۔ ہاتھ میں پکڑا ’’وٹا‘‘ بے چارے گدھے کو دے مارا۔ وہ گدھا کچھ زیادہ بے چارا بھی نہ تھا۔ کب سے اس کے ’’وٹے‘‘ برداشت کر رہا تھا۔ تیورا کر لپکا۔ فارینہ کی آنکھوں میں امنڈ آنے والا تحیر بس ایک لمحے کا تھا۔ (کب خبر تھی ایسا بدھو اور بے چارا سا گدھا بدلہ لینے پر اتر آئے گا۔) دوسرے پل اس نے ایک لمبی چیخ سکھیوں کو خبردار کرنے کے لےے ماری تھی۔ چینا کے ہاتھ سے فائل اور ونیزہ کے ہاتھ سے رنگ چھوٹے۔ ایک حیرت انگیز منظران کے سامنے تھا۔ فارینہ کے ہاتھ میں اس کا دوپٹہ صلح کے پرچم کی طرح لہرا رہا تھا اور جوتا ندارد۔ گدھے کی رفتار تیز تھی اور فارینہ کی تیز ترین۔ دونوں گویا اولمپک میں حصہ لے رہے تھے۔ چینا اور ونیزہ نے بھی ان کے پیچھے دوڑ لگادی تھی۔

’’بچائو۔۔ بچائو اور پکڑو۔۔۔ پکڑو۔‘‘ کے نعروں سے سارا کالج گونج رہا تھا۔ کچھ سمجھ میں نہیں آرہا تھا کس نے کس کو پکڑنا ہے۔ گدھے نے فارینہ کو یا ان دونوں نے گدھے کو۔ سامنے جو لڑکی بھی آتی، ایک لمحے کو ساکت رہ جاتی۔ آنکھیں پھٹی کی پھٹی۔ دوسرے پل وہ آگے آگے دوڑنا شروع کر دیتی۔ مگر گدھے کو سوائے فارینہ کے اور کسی کے ساتھ کوئی سروکار نہ تھا۔ فارینہ نے لانگ جمپ کا مظاہرہ کیا۔ اور لان کی باڑھ پھلانگ گئی۔ ابھی اپنا مڑ جانے والا پائوں سیدھا ہی کر رہی تھی۔ جب گدھے صاحب آرام سے ذرا سا مڑ کر لان کے دروازے سے اندر داخل ہو کر اس کے سر پر آموجود ہوئے۔ وہ دوبارہ لان سے باہر تھی۔ پلے گرائونڈ کرش ہال، کلرکوں کا آفس عبور کر کے وہ فوارہ گرائونڈ میں پہنچی۔ تب ملازمین کی فوج اِدھر اُدھر سے نمودار ہوئی۔

فارینہ بے دم ہو کر فوارے کے پاس گری اور زار و قطار رونے لگی۔ کینٹین سے شاید اسلم بھائی نے بھی یہ منظر دیکھا تھا۔ تب ہی کوک ہاتھ میں لےے مسکراہٹوں پر قابو پاتے نمودار ہوئے تھے۔ اگلے کئی دنوں تک فارینہ اور گدھے کو کالج میں گفتگو کا موضوع بننا تھا۔

ـــــ

کتاب گھٹنوں پر رکھے سیڑھی پر بیٹھی کینو چھیل چھیل کر کھاتے ہوئے وہ ریحان بھائی کو فارینہ اور گدھے کا قصہ سنا رہی تھی۔ بلکہ سنا زیادہ رہی تھی۔ کھا کم رہی تھی۔

’’لیکن سوال یہ ہے کہ تمہارے کالج میں گدھا کیا کر رہا تھا؟‘‘

دونوںہتھیلیاں جوڑ کر انگلیوں پر ٹھوڑی جمائے ان کی توجہ پوری کی پوری کہیں اور تھی۔ سوال تو محض چینا کو مصروف رکھنے کے لےے کیا گیا تھا۔ پورے صحن میں دھوپ پھیلی تھی۔ نئے نکور لحافوں میں روئی بھروائی گئی تھی۔ شنیل کے کور ایک طرف پڑے تھے۔ یہ بینا کے جہیز کے لحاف تھے۔ جس پر کور چڑھا کر ڈورے ڈالنے تھے۔ تائی امّی چھیماں اور اس کی بیٹی کو بار بار ٹوک رہی تھیں کہ وہ ٹانکا اتنا بڑا کیوں لگا رہی ہیں۔ بینا اندر کمرے میں ہی تھی۔ اسے تائی امی آج کل یوں بھی کوئی کام نہیں کہتی تھیں۔ سمانہ البتہ ساتھ لگی ہوئی تھی۔ شاید نہا کر نکلی تھی۔سیاہ سیدھے بال پشت پر بکھرے تھے۔ ریحان کی موجودگی کی وجہ سے اگر چہ دوپٹہ اوڑھ رکھا تھا مگر گھنے بال چہرے کے اطراف میںپھیلے تھے۔ دھلا دھلایا ترو تازہ گلابی چہرہ، جو نہ جانے دھوپ کی تپش یا کسی کی نگاہوں کے اثرات سے تپا تپا سا تھا۔

’’ہمارے کالج کی اپنی ذاتی گدھا گاڑی ہے۔‘‘

’’اچھا۔۔۔!‘‘ ریحان ہنسے۔

 ’’ماشائ اللہ تمہارا کالج کنوینس کے معاملے میں خاصا خود کفیل ہے۔‘‘

’’آپ مذاق اڑا رہے ہیں۔‘‘ مالٹا چھیلتے ہوئے بے حد سنجیدگی سے پوچھا گیا۔

’’ہرگز نہیں، لیکن اس کے باوجود گدھے کو یہ اجازت تو نہیں دی جاسکتی کہ یوں لڑکیوں کا پیچھا کرے۔‘‘

’’نہیں، وہ خاصا شریف گدھا ہے۔ نہ جانے اس دن اس کو کیا ہوگیا تھا۔‘‘

چینا کے لہجے میں تشویش سی تھی۔ تب ہی بینا سوپ کا پیالہ لے آئی۔

’’اب بند کرو یہ گدھے اور فارینہ کا قصہ اور یہ کتاب کیانمائش کے لےے رکھی ہے سامنے، ایڈیشن ٹیسٹ سر پر ہیں، پھر روتی ہوئی آجائو گی۔ مجھے فلاں سوال نہیں آتا۔‘‘ بینا نے اسے ٹھیک ٹھاک ڈانٹا۔ پھر ریحان کے ہاتھ میں پیالہ دیا۔

’’اور تم بھی کب سے بیٹھے اس کی فضول باتیں سن رہے ہو۔ ڈانٹ نہیں سکتے۔‘‘

’’سب کیا آپ کی طرح ہوجائیں۔‘‘

’’کتاب اٹھائو اور اندر میرے پاس آئو۔‘‘ بینا نے مزید کچھ بھی کہنے کا موقع نہیں دیا تھا۔ وہ آدھا کھایا کینو وہیں چھوڑ کر اندر چلی گئی ۔ جو کہ ریحان نے اٹھا لیا۔

’’توبہ ہے لوگ بیماری کا بہانا بنا کر خدمتیں تو کرواتے ہیں مگر پرہیز۔۔۔‘‘ سمانہ نے ان کے ہاتھ سے مالٹا لے لیا۔ وہ وہاں دھاگا لینے آئی تھی۔

’’یہ شکوہ تو خدمتیں کرنے والے کریں۔ لوگ تو حال پوچھنا بھی گوارا نہیں کرتے۔‘‘ سوپ میں چمچہ ہلاتے ہوئے وہ متبسّم لہجے میں گویا ہوئے پھر بینا سے پوچھنے گا۔

’’کیوں بینا؟‘‘

’’ریحان بھائی! بینا تو آپ کی سائیڈ لے گی ہی۔ لیکن مجھ سے یہ شکوہ بے بنیاد ہے۔‘‘ سمانہ نے قدرے خفگی سے انہیں دیکھا۔ ریحان کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی۔ تائی امی نے صبح سے سمانہ ہی کی دوڑیں لگوائی تھیں۔

تب ہی کال بیل بج اٹھی۔

تائی امی کے اشارے پر چھیماں دیکھنے گئی تھی۔

’’باجی جی۔۔۔ امریکہ سے فراز صاحب آئے ہیں۔‘‘

’’ہیں۔۔۔‘‘ تائی امی افراتفری میں کھڑی ہوئیں۔

’’فراز؟‘‘ ریحان نے سوالیہ نظروں سے سمانہ اور بینا کی طرف دیکھا۔

’’فرزانہ خالہ کے بیٹے۔۔۔‘‘ بینا نے جواب دیا تھا۔ اتنے میں تائی امی اک خوبرو، لمبے قد والے وجیہہ شخص کا یوں بازو تھامے اندر داخل ہوئیں جیسے اس کے فرار کا خطرہ ہو۔ ریحان پیالہ سمانہ کے ہاتھ میں دے کر کھڑے ہوگئے۔ کچھ لمحے تعارف میں صرف ہوئے۔ آنے والا بہت سنجیدہ اور کچھ پزل نظر آرہا تھا۔ ہیلو ہائے سے زیادہ بات نہیں کی۔ تائی امی اسے لے کر اندر چلی گئیں۔ بینا بھی ساتھ تھی۔

’’یہ اچانک تمہارے رشتے دار کو پاکستان کیسے یاد آگیا؟‘

انہوں نے مڑ کر سمانہ کی طرف دیکھا۔اس نے خاموشی سے پیالہ ان کے ہاتھ میں دیا اور کچن میں چلی گئی۔ ریحان نے کچھ نہ سمجھنے والے انداز میں اسے دیکھا پھر کرسی پر بیٹھ گئے۔ طبیعت خراب تھی۔ دھوپ کی گرمائش رگ و پے میں اتر کر سکون بخشتی۔ وہ خواہش نہ ہونے کے باوجود سوپ پینے لگے کہ بعد میں دوا بھی لینی تھی، تب ہی چینا دھپ دھپ کرتی آئی اور ان کے قریب سیڑھیوں پر بیٹھ گئی۔

’’بینا سے زیادہ ڈانٹ پڑ گئی ہے؟‘‘

وہ خاموشی سے منہ پھلائے دیوار سے لپٹی آئیوی کی بیل کے زرد ہوتے پتّے نوچتی رہی۔

’’کیا ہوا جینا گڑیا؟‘‘

’’آپ کو پتا ہے، یہ کیوں آئے ہیں؟‘‘ ان کے ہمدردانہ لہجے پر وہ پھٹ پڑی۔

’’کون۔۔۔؟‘‘

’’فراز صاحب۔‘‘

’’کیوں آئے ہیں؟‘‘

’’مانہ آپی سے شادی کرنے۔۔۔‘‘

ریحان کا ہاتھ جہاں تھا وہیں ساکت ہوگیا۔

’’تم سے کس نے کہا؟‘‘ کچھ لمحوں کے بعد انہوں نے پوچھا تھا۔

’’خود خالہ نے خط لکھا تھا۔ لیکن ایک بات تو طے ہے۔ میں مانہ کو کسی صورت امریکہ نہیں جانے دوں گی۔‘‘ وہ مصمم ارادے سے گویا ہوئی۔

’’اور اگر سمانہ نے خود ایسا چاہا تو۔۔۔؟‘‘ ریحان کے سوال پر وہ کچھ سٹپٹا کر انہیں دیکھنے لگی۔ پھر الجھ کر بولی۔

’’سمانہ ایسا کیوں چاہے گی؟‘‘

جواباً ریحان مبہم سا مسکرائے اور سوپ کا پیالہ اس کے ہاتھ میں دے کر باہر نکل گئے اور رات کو تائی امی فون پر انہیں ڈانٹ رہی تھیں کہ وہ بغیر بتائے گھر واپس کیوں گئے تھے۔

ـــــ

ایک تو شادی کی تیاریاں، اوپر سے مہمان کی خاطر داریاں، چینا دیکھ رہی تھی مانہ گھن چکر بنی ہوئی تھیں۔ پھر پھیکے کھانے کھا کھا کر چینا کے منہ کا ذائقہ بگڑ گیا تھا۔ مرچ کا تو کھانوں کے پاس سے بھی گزر نہ ہوتا تھا۔ اوپر سے موصوف خاصے نازک مزاج اور بے تکلف واقع ہوئے تھے۔ چند دنوں میں کھل کر سامنے آگئے۔ ہر روز نئی فرمائش گویا سمانہ کی کوکنگ چیک ہورہی تھی۔ پہلے دن ہی شام کو کچن میں آکر سمانہ سے پوچھنے لگے۔

’’تمہیں اٹالین کھانے بنانے آتے ہیں؟‘‘

’’بنانا تو درکنار۔ میں نے تو ان کے نام بھی نہیں سنے۔‘‘ وہ پہلے سٹپٹائی۔ پھر صاف گوئی سے بولی تھی۔

’’چائنیز۔‘‘

’’کسی حد تک بنالیتی ہوں۔‘‘

’’پاکستانی۔۔۔‘‘

’’اس میں تو خیر ایکسپرٹ ہے۔۔۔‘‘ بینا نے لقمہ دیا۔۔۔ پتا نہیں مطمئن ہوئے یا نہیں۔ بس سر ہلادیا تھا۔ پھر کمرے کی باری آئی۔ جس میں بہت سی تبدیلیاں کروائی گئیں۔ اگلے دن وہ کچن میں گھسے سمانہ کو اٹالین ڈش بنانا سکھا رہے تھے۔ ساتھ ساتھ فرمائشوں کا سلسلہ بھی جاری تھا۔ مگر مصیبت یہ تھی کہ دہی بڑے بنتے یا چکن کڑھائی، سب مرچ مسالوں کے بغیر ہوتا۔ اب تو تائی امی بھی بے زار ہوگئی تھیں۔

’’ارے اماں باوا تو یہیں سے گئے تھے۔ یہ اپنے آپ کو انگریز کی اولاد سمجھتا ہے۔‘‘

زیادہ غصہ تو اس بات پر آتا جب انہیں صاف تولےے پر بھی داغ نظر آجاتے۔ ایک دن بولے۔

’’آپ پانی بوائل کر کے استعمال کیا کریں۔‘‘

سادگی میں کہا گیا جملہ ان کے لےے مصیبت بن گیا۔ اب ہر صبح پانی کا پتیلا ابال کر ٹھنڈا کرنا اور پھر کولر میں بھرنا۔

’’ارے‘‘ چک میں میٹھا پانی نہیں ملتا تھا۔ آدھی عمر اس کی ماں نہر سے چلّو بھر بھر پانی پیتی رہی۔ اب یہ آیا ہے ڈاکٹری پڑھانے۔ بے چاری بچی کو ہلکان کر چھوڑا ہے۔ میں کہتی ہوں، کل کو مہمان آنا شروع ہوں گے۔ میں کیا دیگ چڑھایا کروں گی پانی ابالنے کو۔۔۔‘‘ وہ کلس کر کہتیں۔

’’آپ ان کے لےے منرل واٹر منگوالیا کریں۔۔۔‘‘ چینا نے مشورہ دیا جو انہیں خاصا پسند آیا تھا۔ منرل واٹر کی بوتل دیکھ کر وہ خاصے خفا ہوئے تھے۔

’’صحت کی بات آپ لوگوں کو اچھی نہیں لگتی۔‘‘

’’ارے میاں! ہم پچاس سالوں سے یہی پانی پی رہے ہیں اور اللہ کے فضل سے ٹھیک ٹھاک ہیں۔‘‘ وہ کچھ بے زاری سے گویا ہوئیں تو موصوف پریشان ہو گئے۔

’’آپ کو شاید میری بات اچھی نہیں لگی۔ میں شاید کچھ زیادہ ہی دخل اندازی کرنے لگا ہوں۔‘‘

’’ارے نہیں بیٹا! یہ بات نہیں۔۔۔‘‘ تائی امی کچھ گھبرا گئیں۔

’’نہیں۔ یہی بات ہے۔ آئی ایم سوری۔ آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔‘‘

’’بڑی جلدی عقل آگئی۔‘‘ بینا کارڈ میں منہ چھپا کر ہنسنے لگی۔

’’بات یہ نہیں ہے فراز بیٹا۔ دراصل شادی والا گھر ہے۔ کام بہت بڑھ گیا ہے اور اکیلی سمانہ اب کیا کیا کرے۔‘‘ انہوں نے نرمی سے سمجھایا۔

’’ہاں۔ مجھے خیال رکھنا چاہےے تھا۔‘‘

فراز نے آہستگی سے کہتے ہوئے سمانہ کو دیکھا جو سارے کام سمیٹ کر اب مشین سنبھالے بیٹھی تھی۔ بینا اس کے پاس مختلف میگزین کھولے بیٹھی تھی۔ کپڑا پھیلا ہوا تھا۔ قینچی ہاتھ میں تھی اور زور و شوق سے ڈیزائن کی باریکیوں پر بحث کی جارہی تھی۔ وہ خاموشی سے اٹھ کر کمرے میں چلے گئے۔

’’کہیں مائنڈ تو نہیں کر گئے۔‘‘ سمانہ نے انہیں جاتے دیکھ کر تشویش سے پوچھا تھا۔

’’ہو بھی سکتا ہے۔۔۔‘‘ بینا نے لاپروائی سے کہا تھا۔

شام کو ریحان آئے تھے۔ چینا ان کے کان میں گھسی نمک مرچ لگا کر سب کچھ بتاتی رہی۔ وہ خاموشی سے سنتے رہے۔ مبہم سی مسکراہٹ لبوں پر تھی۔

’’رات کو تو یہیں رکیں گے نا۔‘‘ چینا نے پوچھا تھا۔ انہوں نے اثبات میں سر ہلایا۔ پھر فراز کو دیکھنے لگے۔ جو بڑی حیرت سے بھاری بھاری زیور دیکھ رہے تھے اور بینا سے پوچھ رہے تھے۔ وہ اتنا سب کچھ کیسے پہنے گی۔

چینا اٹھ کر کچن میں آگئی۔ سمانہ کھانا پکارہی تھی۔ مرچوں کے استعمال میں اب بھی کنجوسی تھی۔ چینا چڑ گئی۔ مرچوں کا ڈبہ اٹھایا اور دو دو چمچ بھر کر ہر سالن اور بریانی کے مسالے میں ڈال دیا۔ سمانہ ’’ارے ارے‘‘ ہی کرتی رہ گئی۔

’’یہ کیا کیا تم نے۔۔۔؟‘‘

’’ہم سے نہیں کھائے جاتے یہ پھیکے کھانے۔‘‘ وہ بگڑ کر بولی۔

’’اب فراز بھائی کیسے کھائیں گے؟‘‘

’’کھالیں گے۔ ہم نے بھی تو ان کی خاطر اتنے بدمزا کھانے کھائے ہیں اور آج تو ریحان بھائی بھی یہیں کھانا کھائیں گے۔‘‘

’’چینا! وہ مہمان ہیں۔۔۔‘‘

’’ایک دو دن رہیں تو مہمان۔ یہ تو نہ جانے کب تک رہیں گے۔‘‘

تب ہی تائی امی نے کھانا لگانے کے لےے آواز دے دی۔ اب کچھ ہو بھی نہیں سکتا تھا۔ چینا کو صلواتیں سناتے ہوئے کھانا لگا دیا۔ سب نے ہی مزے لے لے کر کھایا۔ اگر چہ پہلے بھی سب اپنی اپنی پلیٹ میں حسب ضرورت نمک مرچ کی مقدار بڑھالیتے تھے مگر وہ ذائقہ تو نہ بنتا تھا۔ سمانہ نے تو نظر اٹھا کر بھی فراز کو نہ دیکھا تھا جن کی ناک اور آنکھوں سے مسلسل پانی بہہ رہا تھا۔ حالانکہ بینا اپنی ہنسی ضبط کرتے ہوئے بار بار اس کا پائوں دبا رہی تھی۔فراز نے تھوڑا سا کھا کر ہاتھ کھینچ لیا۔ ریحان نے ان کے سامنے سویٹ ڈش رکھ دی۔ انہوں نے بھی پلیٹ بھر کر رس ملائی نکالی۔ تب جلتے ہوئے منہ کو قرار آیا۔ مانہ تو فوراً ہی چائے بنانے اٹھ گئی تھی۔

تایا اور ابو آپس میں کچھ معاملات ڈسکس کر رہے تھے۔ تائی امی ریحان سے اُدھر کی تیاریوں کے بارے میں دریافت کرنے لگیں۔ چینا نے اٹھ کر ٹی وی کھول دیا۔ اس کا فیورٹ ڈرامہ آنا تھا۔ فراز کچھ لمحے بے زاری سے دیکھتے رہے۔ گھر میں ڈش تھی نہ کیبل۔ وہی دو تین بور سے پاکستانی چینل۔ وہ بے زار سے اٹھ گئے۔

’’میں کافی لوں گا۔۔۔‘‘ انہوں نے کچن کے دروازے میں رک کر کہا۔ سمانہ نے بغیر ان کی طرف دیکھے اثبات میں سر ہلا دیا۔

’’میں اپنے کمرے میں ہوں۔‘‘

سب کو چائے دینے کے بعد وہ کافی کا مگ لےے ان کے کمرے میں آئی تو وہ کسی کتاب کی ورق گردانی میں مشغول تھے۔

’’کافی۔۔۔!‘‘

انہوں نے چونک کر سر اٹھایا پھر اس کے ہاتھ سے مگ لے لیا۔

’’کچھ اور تو نہیں چاہےے۔‘‘ انہوں نے نفی میں سر ہلایا۔ پھر پوچھنے لگے۔

’’یہ کتابیں یہاں کس نے رکھی ہیں؟‘‘

’’میں نے یونہی رکھ دی تھیں۔ شاید آپ کو لٹریچر سے کوئی دلچسپی ہو۔‘‘

’’اچھی کولیکشن ہے۔ لگتا ہے تمہیں لٹریچر سے خاصی دلچسپی ہے اور خاص طور پر انگلش لٹریچر میں۔‘‘

’’انگریزی، اردو دونوں میں ہی مگر ماسٹرز انگلش لٹریچر میں کیا ہے۔ اب سوچ رہی ہوں۔ اردو ادب میں بھی کرلوں۔‘‘

’’رئیلی!‘‘ انہوں نے قدرے بے یقینی سے اسے دیکھا۔ ’’تم نے کبھی بتایا نہیں کہ تم نے ماسٹرز کیا ہے، وہ بھی انگلش لٹریچر میں۔۔۔‘‘

’’آپ نے کبھی پوچھا ہی نہیں۔‘‘ سمانہ کو ان کی حیرت پر حیرت ہوئی تھی۔ اس کا خیال تھا وہ جانتے ہیں۔

’’تمہیں ہر دم کچن میں دیکھ کر تو یہی خیال آتا تھا کہ تم نے ہوم اکنامکس کالج میں تعلیم حاصل کی ہے۔‘‘سمانہ ہنس دی۔

’’وہ الگ بات ہے۔‘‘

’’ہاں۔‘‘ فراز نے قدرے غور سے اسے دیکھا۔

’’آپ کی کافی ٹھنڈی ہورہی ہے۔۔۔‘‘

’’ہاں۔۔۔‘‘ انہوں نے چونک کر ہاتھ میں پکڑے مگ کو دیکھا۔ پھر مسکرائے۔

’’آج کھانا اچھا بنا تھا۔‘‘ پھر قدرے رک کر جملے میں اضافہ کیا۔ ’’لیکن مرچ کی مقدار آہستہ آہستہ بھی تو بڑھائی جاسکتی تھی۔‘‘

وہ بری طرح خجل ہوگئی۔

’’آئی ایم ساری مگر وہ چینا۔۔۔‘‘

’’اٹس اوکے۔۔ ہوجاتا ہے۔‘‘

انہوں نے بے حد دلچسپی سے اس کے چہرے پر پھیلے شرمندگی کے رنگوں کو دیکھا۔ گھنی خم دار پلکوں اور چہرے پر پھیلی ہلکی سی سرخی کو۔ انہیں پہلی بار لگا ان کا یہاں آنا بے فائدہ نہیں گیا۔

ـــــ

خالہ کا فون آیا تو فراز نے اپنی رضامندی بتادی تھی۔ پھر خالہ کا فون ابو کے پاس آیا تھا۔

’’میں نے تو اپنی بچیوں کو بھابھی کی گود میں ڈال دیا تھا۔ ان کے بارے میں فیصلہ وہی لوگ کریں گے۔‘‘ ابو نے صاف کہا تھا۔ پھر بند کمرے میں لمبی لمبی بحثیں ہوتی رہیں۔ چینا سمانہ سے لڑتی۔

’’مانہ! تم کہہ دو نا! تمہیں نہیں کرنی ان سے شادی۔‘‘

’’لو خوامخواہ کہہ دوں۔‘‘ وہ مسکراہٹ دبا کر کہتی اور اپنے کاموں میں مگن رہتی۔ گویا فیصلہ اس کے بارے میں نہیں کسی اور کے بارے میں ہونا ہو۔

تائی امی جو یہی سوچتی تھیں کہ کہیں کوئی یہ نہ کہہ دے کہ اپنی بیٹی کے لےے رشتہ نکال بھی لیا اور وہ بن ماں کی بچیاں۔۔۔ ان کی کوئی پروا ہی نہیں۔ کیونکہ سمانہ اور بینا ہم عمر تھیں۔ تایا ابو اتنی دور بھیجنے سے کتراتے تھے مگر فراز میں کوئی ایسا عیب بھی نہیں دیکھتے تھے۔ جسے بنیاد بناکر رد کر سکیں۔

پھر خالہ کا آخری فون آیا۔

’’وہ میری بہن کی نشانیاں ہیں۔ ساری زندگی ان سے دور تڑپتی رہی ہوں۔ آپ کے سامنے ہوتی تو میں جھولی پھیلا کر قدموں میں بیٹھ جاتی۔ تب تک نہ اٹھتی جب تک میری مراد پوری نہ ہوتی۔ مگر کیا کروں، ہزاروں میل دور بیٹھی ہوں۔‘‘

ان کی سسکتی ہوئی آواز، سب کے دل پسیج گئے۔ تایا ابو کا خیال تھا کہ بینا کی شادی کے موقع پر ان کی منگنی کا اعلان کر دیا جائے۔

ـــــ

’’ٹھیک ٹھاک سردی تھی۔ سب لوگ کھانے کے بعد ٹی وی کے سامنے بیٹھے تھے۔ وہ دونوں اوپر آگئیں۔ بلکہ سمانہ کو بینا کھینچ لائی تھی۔ جو آج کل اپنے وزن کے بارے میں خاصی کونشس ہوگئی تھی۔

’’مرو تم! اتنی سردی میں قلفی جم جائے گی۔۔۔‘‘ سمانہ کے دانت بجنے لگے تھے۔ اسے تو یوں بھی سردی کچھ زیادہ ہی لگتی تھی۔

’’کوئی بات نہیں تھوڑی دیر واک کریں گے تو خود بخود جسم کچھ گرم ہوجائے گا۔‘‘ بینا نے لاپروائی سے کہا تھا۔ اور ادھر سے اُدھر چکرانے لگ۔

’’سمانہ! امریکہ میں زندگی کیسی ہوگی؟‘‘ کچھ دیر کے بعد بینا نے پوچھا تھا۔

’’مجھے کیا پتا۔۔۔‘‘ اس نے لاپروائی سے جواب دیا اور ادھورے چاند کو دیکھنے لگی۔

’’تم خوش تو ہونا۔۔۔؟‘‘

’’ہاں۔ ٹھیک ہے۔۔۔‘‘

’’کیا ٹھیک ہے، ڈھنگ سے جواب دو نا!‘‘ بینا جھنجلا گئی تو سمانہ ہنس دی۔

’’تمہیں تو پتا ہے۔ میں نے قبل از وقت کسی چیز کو سر پر سوار نہیں کیا۔ جب وقت آئے گا اور سر پر پڑے گی تو خود ہی آٹے دال کا بھائو معلوم ہوجائے گا۔‘‘

’’چوبیس گھنٹے کچن میں رہ رہ کر تمہارے دماغ میں آٹے دال کا بھائو ہی ہوسکتا ہے۔ سخت زہر لگتی ہو ایسی باتیں کرتی۔‘‘ بینا ہمیشہ سے اس کی اس عادت سے چڑتی تھی۔

’’تو کیا کروں۔ تمہاری طرح میں بھی فراز کی تصویر تکےے کے نیچے رکھ کر سوئوں۔ ہمہ وقت یہ سوچوں کہ جب شادی ہوگی تو شوہر کو کس طرح قابو کرنا ہے۔ اس سے اپنی فلاں فلاں فرمائش کس طرح منوانی ہے۔۔۔ یار! میرے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا۔‘‘

’’تمہیں ضرورت بھی کیا ہے یہ سب کرنے کی۔ چوبیس گھنٹے تو موصوف نظروں کے سامنے ہوتے ہیں۔‘‘ وہ چڑ کر بولی۔ اسی لمحے فراز سب سے اوپر والی سیڑھی پر نمودار ہوئے تھے۔

’’لو آگئے ہیں۔‘‘

’’مجھے معلوم تھا، تم لوگ یہیں ہوں گے۔‘‘ فراز نے قریب آکر کہا۔ جبکہ سمانہ نیچے جانے کے بارے میں سوچ رہی تھی۔

’’کیا آپ ہمیں چند منٹ دیں گی۔‘‘ فراز بے حد شائستگی سے بینا سے کہہ رہے تھے۔ ’’دراصل میں سمانہ کو اپنے ساتھ واک پر لے جانا چاہتا ہوں۔

’’جی۔۔۔‘‘ بینا نے حیران ہو کر سمانہ کو دیکھا۔ پھر مسکراہٹ دبا کر کہنے لگی۔

’’آپ کو سمانہ سے کوئی بات کرنی ہے تو یہیں کرلیں۔‘‘

’’یہاں واک کا کیا مزا۔ موسم اچھا ہے۔ میرا خیال ہے، باہر چلتے ہیں۔‘‘ اب کے وہ براہِ راست سمانہ سے مخاطب ہوئے تھے۔

اس نے گڑبڑا کر بینا کودیکھا۔ اس نے کندھے اچکائے اور مڑ گئی۔

’’ارے بینا! رکو، وہ فراز۔ مجھے کچھ کام یاد آگیا ہے۔۔۔‘‘ وہ بگٹٹ بینا کے پیچھے بھاگی۔ فراز حیرت سے کھڑے دیکھتے ہی رہ گئے۔

’’تم انتہائی بدتمیز لڑکی ہو۔‘‘ سیڑھیوں کے اختتام پر وہ بینا سے لڑنے لگی تھی۔ جب کہ بینا کی ہنسی نہیں تھم رہی تھی۔

’’چلی جاتیں اس کے ساتھ واک کرنے۔‘‘

’’ہاں چلی جاتی اور یہ سب لوگ کیا سوچتے میرے بارے میں۔ دماغ خراب ہوگیا ہے تمہارا بھی اور اس کا بھی۔‘‘

’’ارے بھئی! کیا ہوگیا۔‘‘ ابو باہر نکلے تھے۔

’’کچھ نہیں ابو۔‘‘ دونوں کھسیا کر کچن میں جا گھسی تھیں۔

ـــــ

فراز کا التفات اور والہانہ پن۔ ابھی تو منگنی بھی نہیں ہوئی تھی کہ وہ چاہتے مانہ کے ساتھ پورا شہر گھوم آئیں۔ سمانہ پہلے تو سٹپٹائی، پھر کترانے لگی۔ بات کرتے تو ان کے لہجے کے والہانہ پن کو یکسر نظر انداز کر کے اپنا انداز نارمل اور سادہ رکھتی۔ وہ بھی کیا کرتی۔ ان کے ہاں ایسی بے تکلفی کا کوئی تصور نہیں تھا۔ بینا کی منگنی دو سال رہی۔ فیضان نے کبھی بھولے سے بھی یہاں کا رخ نہیں کیا نہ کبھی فون نہ خط۔ یہاں فراز سب کے سامنے ہی کوئی نہ کوئی ایسی بات کہہ جاتے کہ اس کا بس نہیں چلتا کہ کہاں منہ چھپائے۔ واک پر ساتھ جانے کی فرمائش کئی بار ہوئی۔ وہ کسی نہ کسی بہانے ٹال گئی۔ سوچا عقل مند کے لےے اشارا ہی کافی ہے۔

’’اگر عقل ہی نہ ہو تو۔۔۔‘‘ بینا اس سچویشن کو انجوائے کرتی، ایک دن کہنے لگے۔

’’سمانہ! میکڈونلڈ چلیں۔۔۔؟‘‘

سمانہ کا ضبط جواب دے گیا مگر تحمل سے ان کی طرف پلٹی۔

’’ضرور۔ میں ابھی بینا اور چینا کو بلاتی ہوں۔‘‘

’’ان کو کس لےے؟‘‘ اللہ رے معصومیت۔

’’ان کے ساتھ جائیں گے۔ کیونکہ اکیلی تو میں آپ کے ساتھ نہیں جا سکوں گی۔‘‘

’’لیکن سمانہ! میںتمہارے ساتھ جانا چاہتاہوں۔ یہاں تو ایک پل نہیں ملتا دل کی بات کہنے کو۔ ہر وقت کوئی نہ کوئی سر پر سوار رہتا ہے۔‘‘ وہ جھنجلائے۔

’’یہ تو ممکن نہیں۔‘‘ اس نے بھی صاف انکار کر دیا۔

’’کیوں؟ ہماری منگنی ہونے والی ہے۔‘‘

’’منگنی کے بعد ہمارے ےہاں زیادہ احتیاط کی جاتی ہے۔ کیونکہ بہت ہی ناپائیدار رشتہ ہوتا ہے۔ خوامخواہ لڑکا لڑکی ایک دوسرے کے ساتھ اموشنلی انوالو ہوجائیں اور بعد میں اگر کوئی۔۔۔‘‘

’’تم لوگوں کو مجھ پر اعتبار نہیں ہے؟‘‘

’’بات اعتبار کی نہیں اصول کی ہے۔ پسند و ناپسند کی ہے ہمارے ہاں ایسا نہیں ہوتا۔‘‘ اس نے سمجھانا چاہا۔

’’ہماری منگنی ہونے والی ہے۔ کیا یہ ضروری نہیں ہم لوگ ایک دوسرے کو جان لیں؟‘‘ سمانہ نے بے حد حیرت سے انہیں دیکھا۔ سارے معاملات طے ہوجانے کے بعد جاننے اور سمجھنے کا مرحلہ آیا تھا۔

’’مجھے آپ کو جتنا جاننا تھا۔ جان چکی۔ آپ کو مجھے سمجھنا ہے، اسی گھر میں رہ کر سمجھ لیجےے۔ میرا آپ سے کوئی پردہ نہیں ہے آپ کے سامنے ہی ہوں۔ لیکن آپ کے ساتھ باہر جانا یا ہوٹلنگ کرنا میں افورڈ نہیں کر سکتی۔‘‘

ٹھوس لہجے میں کہہ کر وہ چلی گئی تھی۔ فراز لب بھینچے نہ جانے کیا سوچنے لگے تھے۔

ـــــ

مونگ پھلی کھاتے ہوئے وہ زیب چوہدری کا نیا ناول پڑھنے میں مصروف تھی۔ دھیرے دھیرے مونگ پھلی فراموش کر کے مکمل طور پر ناول میں مگن ہوچکی تھی۔ جب بینا ہاتھ میں سفید لفافہ لےے اوپر آئی۔

’’چینا! یہ تمہارے نام کوئی خط آیا ہے۔‘‘ وہ بے حد حیرت سے لفافہ الٹ پلٹ کر دیکھ رہی تھی۔ دوسری طرف چینا کے چہرے کے تاثرات بتاتے تھے کہ زیب کی چلبلی ہیروئن نیا معرکہ انجام دے رہی تھی۔ چینا کے چہرے پر جوش ہی جوش تھا۔

بینا کے دو تین بار پکارنے پر بھی کوئی جواب نہ پاکر اس نے چینا کے ہاتھ سے ڈائجسٹ کھینچ لیا۔

’’ہائے اللہ! آپی نہیں۔۔۔‘‘ وہ چیخ اٹھی۔

پہلے اسے کھولو، کس کا خط ہے؟‘‘ بینا نے اس کے ہاتھ میں لفافہ دیا تو وہ حیرانی سے دیکھنے لگی۔

’’میرے نام خط؟‘‘

اس نے لفافہ کھولا۔ بینا نے مونگ پھلی کی پلیٹ اٹھالی۔ اندر موجود خط کا متن مختصر مگر جامع تھا۔ وہ جیسے جیسے پڑھتی گئی۔ اس کے چہرے کا رنگ بدلتا گیا۔

’’آ۔۔۔آ۔۔۔‘‘ اک تیز چیخ ابھری۔

بینا کے ہاتھ سے پلیٹ چھوٹی۔ یہاں سے وہاں تک مونگ پھلی کے دانے بکھرے۔ اسٹیل کی پلیٹ کسی بیلے ڈانسر کی طرح گول گول گھومتی ریلنگ کے پاس جا کر رکی تھی۔ چینا نے سرپٹ نیچے کو دوڑ لگائی۔ سیڑھیوں پر فراز تھے۔۔۔ دائیں سے بائیں۔۔۔بائیں سے دائیں کئی بار اِدھر اُدھر ہونے کے بعد بھی رستہ نہیں ملا تو فراز نے اسے کندھوں سے تھام کر کھڑا کیا۔ پھر گویا اس افراتفری کی وجہ دریافت کرنا چاہی تھی مگر وہ جھٹ سے آخری دوسیڑھیاں پھلانگ کر سمانہ کی طرف دوڑی۔

’’مانہ۔۔۔ مانہ! مجھے زیب چوہدری کا فون نمبر مل گیا ہے۔‘‘

’’ارے یہ زیب کون ہے۔۔۔؟‘‘ تائی امی ہولتے ہوئے عقب سے نمودار ہوئیں۔ وہ تو باتھ روم میں جارہی تھیں۔ اسے یوں بھاگتے دیکھا تو لپکتی ہوئی پیچھے آئیں۔

’’تائی امی! آپ کو نہیں پتا۔ بہت بڑی لکھنے والی ہیں۔‘‘ وہ جوش میں بولی۔ سمانہ اس کے ہاتھ سے خط لے کر پڑھنے لگی۔

’’کیا عمر ہوگی اس کی؟‘‘ تائی امی نے کچھ سوچتے ہوئے پوچھا تھا۔

’’امی! عمر نہیں بڑی، لکھتی بہت بڑا ہیں۔‘‘

’’اچھا بڑا بڑا لکھتی ہے۔ کاغذ کا تو ضیاع ہی ہوا نا۔ مگر تم کیوں اتنا چیخ رہی تھیں۔ جیسے خدا نا خواستہ کرنٹ لگ گیا ہو۔‘‘ وہ اسے لتاڑنے لگیں۔ اس نے نظر انداز کر کے تیزی سے ریسیور اٹھا کر ونیزہ کا نمبر ملایا اور جوش میں یہ خبر سنائی۔ دوسری طرف ونیزہ کے ڈیڈی نے تحمل سے یہ خبر سنی۔ پھر اسے بتایا کہ ونیزہ گھر پر نہیں ہے۔ وہ شرمندہ ہوگئی۔ پھر فارینہ کو کیا تو پہلے تصدیق چاہی۔

’’چینا کی بچی! اب مجھے بھی نہیں پہچانتی ہو۔‘‘

’’زیب کا نمبر مل گیا ہے اور مزے کی بات بتائوں، وہ ہمارے شہر میں آئی ہوئی ہےں۔‘‘

’’ہائے سچ۔‘‘

’’ہاں۔ انہوں نے مجھے خط لکھا ہے خود۔ ٹھہرو، میں تمہیں ان کا خط سناتی ہوں۔‘‘ اس نے سمانہ کے ہاتھ سے خط لے کر حرف حرف سنانا شروع کیا۔ تائی امی سر جھٹک کر باتھ روم میں چلی گئیں۔ سمانہ اپنے کام میں مصروف ہوگئی۔

’’مجھے بھی فون نمبر لکھوائو۔۔۔‘‘

’’ابھی نہیں۔ پہلے میں بات کرلوں۔‘‘ اس نے آرام سے کہہ کر رابطہ منقطع کیا۔ پھر سمانہ سے پوچھنے لگی۔

’’مانہ! ابھی فون کرلوں۔۔؟‘‘

’’کرلو بھئی۔۔۔‘‘ وہ ہنس دی۔ جانتی تھی کرے گی تو ابھی۔۔۔ بس اپنی جھجک مٹانے کو پوچھ رہی ہے۔

چینا نے بہت دھڑکتے دل کے ساتھ نمبر ملایا۔ دوسری طرف جب تک بیل جاتی رہی وہ جملے مرتب کرتی رہی۔

’’ہیلو۔‘‘ مردانہ آواز ابھری۔

’’زیب، زیب چودھری سے بات کرنا ہے۔‘‘ تھوک نگلتے ہوئے کہا گیا۔

’’تو کیجےے۔‘‘

وہ کچھ لمحے منتظر رہی کہ شاید اسے بلایا گیا ہے۔ مگر دوسری طرف مکمل خاموشی چھائی تھی۔ وہ کچھ جھجک سی گئی۔

’’پلیز انہیں بلادیں۔‘‘

’’یعنی میں انہیں بلانے کے لےے طارق بن زیاد کالونی جائوں۔‘‘ بے حد حیرت سے پوچھا گیا۔

’’کیا مطلب وہ گھر پر نہیں ہیں؟‘‘ چینا کے لہجے میں مایوسی در آئی۔

’’نہیں۔‘‘

’’واپس کب آئیں گی؟‘‘

’’کل شام کو۔‘‘

’’اچھا وہ آئیں تو ان سے کہہ دیجےے گا کہ تانیہ کا فون آیا تھا۔‘‘

’’تانیہ۔۔۔ ارے آپ تانیہ بات کر رہی ہیں۔‘‘

دوسری طرف سے جس انداز میں کہا گیا وہ سٹپٹا گئی۔

’’ڈریں نہیں۔ زیب اپنے خط ہر کسی کو نہیں پڑھواتیں۔ مگر میری بات اور ہے۔ میں ان کا بہت ہی خاص الخاص، سیکریٹری سمجھ لیں مجھے۔۔۔ اس لےے مجھے ہر بات کی خبر رہتی ہے۔۔۔ آپ ان سے ملنے گھر کیوں نہیں آجاتیں۔‘‘

’’جی۔۔۔‘‘

’’ایڈریس میں سمجھا دیتا ہوں۔ آپ کہاں رہتی ہیں۔‘‘

چینا اپنا ایڈریس بتاتے بتاتے ایک دم چپ ہوئی۔ ایک اجنبی کو کیسے ایڈریس بتا دیتی۔ جب کہ دوسری طرف اس کا ایڈریس فر فر بولا گیا۔

چینا کچھ گھبرا گئی۔

’’اب یہ بتائیں، آپ کے گھر کے سامنے کیا ہے۔‘‘

’’سڑک ہے۔۔۔‘‘

’’اس سے آگے۔۔۔؟‘‘ وہ ہنسا۔

’’ابرار انکل کا گھر ہے۔‘‘ چینا نے کچھ حیرت سے بتایا۔

’’ہاں، وہاں سے کچھ آگے چلتے آئیں تو لین کا آخری بنگلہ کس کا ہے؟‘‘

’’افتخار صاحب کا ہے۔ مگر آپ کیوں پوچھ رہے ہیں؟‘‘ وہ الجھ گئی۔

’’تو وہیں چلی آئےے۔ زیب سے ملاقات ہوجائے گی۔‘‘

’’جی! یہ کیسے ہوسکتا ہے؟‘‘ وہ چلّائی۔

’’یہ کیوں نہیں ہوسکتا؟‘‘

’’آپ مذاق کر رہے ہیں؟‘‘

’’میرا اور آپ کا مذاق کا رشتہ ہے محترمہ۔۔۔؟‘‘

دوسری طرف سے خاصی سنجیدگی سے پوچھا گیا۔

’’وہ تو زیب نے آپ کا خط پڑھنے کے بعد کہا تھا کہ میں اس لڑکی سے ملنا پسند کروں گی تو میں نے آپ کو ایڈریس سمجھا دیا۔ ورنہ وہ ہر کسی سے نہیں ملتی ہیں۔‘‘

’’یاہو۔۔۔‘‘ اس نے ریسیور رکھ کر نعرہ لگایا تھا۔

ـــــ

کب سے وہ تائی امی سے کہہ رہی تھی کہ اسے کچھ پیسے چاہئیں۔

’’آخر تجھے کرنا کیا ہے پیسوں کا۔ چینا! تو بہت فضول خرچ ہوتی جارہی ہے۔ مہینہ ابھی آدھا نہیں گزرتا کہ پیسے ختم ہوجاتے ہیں۔ کہوں گی تیرے باپ سے کہ روز کے روز دیا کرے۔‘‘

وہ زچ ہو کر بولے گئیں۔

’’تائی امی! کہہ دیجےے گا مگر ابھی تو دیں نا سو روپیہ۔‘‘ اس نے لاڈ سے گلے میں بانہیں ڈالیں۔جتنا ان سے لڑتی تھی، پیار بھی اتنا ہی کرتی تھی۔ لڑ جھگڑ کر ہر چیز اپنا حق سمجھ کر وصول کرتی۔ انہیں اچھا لگتا۔ خوب تنگ کرنے کے بعد ہی دیتیں۔

’’کیاکرنا ہے تجھے سو روپے کا۔۔۔‘‘

’’زیب کے لےے پھول لے کر جانے ہیں۔‘‘ وہ ان کے کان میں چلائی۔ جواباً انہوں نے دھموکا سر پر جڑا تھا۔

’’ایک تو میری یہ سمجھ میں نیہں آتا کہ ان موئے پھولوں میں رکھا کیا ہے۔ ایک دن مرجھا کر پیسے برباد۔ بندے کو لے جانا ہی ہے تو کوئی پھل فروٹ لے جائے اور کوئی تحفہ لے جائے۔ یادگار تو رہے گا۔ یہ پھول۔۔۔ نری پیسے کی بربادی۔‘‘

’’تائی امی! ابھی فارینہ اور ونیزہ آجائیں گی۔‘‘ وہ روہانسی ہوئی۔

’’لو ان کو بھی بلا رکھا ہے۔‘‘

’’میں فراز بھائی سے مانگ لوں گی‘‘ اس نے گویا دھمکی دی۔

’’اے ہے۔ دماغ چل گیا ہے۔‘‘ انہوں نے گھبرا کر فراز کو دیکھا۔ جو چارپائی پر نیم دراز بڑی فراغت سے نرم گرم دھوپ کا مزا لے رہے تھے۔ اگر چہ چہرے کے تاثرات میں بے زاری و اکتاہٹ نمایاں تھی۔

’’پھر میں جارہی ہوں۔‘‘ چینا کھڑی ہوئی۔

تائی امی نے جھنجلا کر اس کا بازو کھینچا۔ سو روپیہ بٹوے سے نکال کر اسے تھمایا اور زیرِ لب بڑبڑائیں۔

’’جی تو چاہتا ہے، ایک لگائوں۔۔۔‘‘

’’لگالیں۔۔۔‘‘ چینا نے سعادت مندی سے سر جھکایا۔ ان کے لبوں پر مسکراہٹ بکھر گئی۔

’’بدتمیز۔۔۔‘‘

’’لیکن پھول لینے میں جائوں کس کے ساتھ؟‘‘ نیا مسئلہ در پیش ہوا۔

’’مجھے نہیں پتا۔‘‘

’’فراز بھائی سے کہہ دیں۔‘‘ چینا نے جھک کر کان میں سرگوشی کی۔ انہوں نے کچھ سوچا پھر فراز کو آواز دی۔ وہ گردن موڑ کر انہیں دیکھنے لگے۔

’’فراز بیٹا! فارغ ہو تو ذرا بچی کو پھولوں کی دکان تک لے جائو۔‘‘

’’بائیک کی چابی لے آئو۔۔۔‘‘ وہ گویا تیار بیٹھے تھے۔

چینا بھاگ کر چابی لے آئی۔ کندھوں پر پھیلا دوپٹہ سر پر بھی اوڑھ لیا۔

’’پھول کسے دینا ہیں؟‘‘ بائیک اسٹارٹ کرتے ہوئے انہوں نے پوچھا۔

’’میری فیورٹ رائٹر آج کل ساہیوال آئی ہیں۔ ان سے ملنے جانا ہے۔‘‘

فراز نے سر اٹھا کر اس کے معصوم چہرے پر پھیلے جوش و شوق کے رنگوں کو دیکھا او رمسکرادےے۔

’’کیا لکھتی ہیں تمہاری یہ فیورٹ رائٹر۔۔۔؟‘‘

’’بہت شوخ شرارتی اور زندگی سے بھرپور ناول لکھتی ہیں۔ پڑھ کر مزا آجاتا ہے۔‘‘ اُچک کر ان کے پیچھے بیٹھتے ہوئے بتایا۔

’’یہ شوخ شرارتی اور زندگی سے بھرپور ناول تمہاری بہن نہیں پڑھتیں؟‘‘ بائیک ایک جھٹکے سے آگی بڑھی۔ چینا نے ان کا کندھا دبوچ لیا۔

’’کون سمانہ؟‘‘

’’ہاں۔۔۔‘‘

’’پڑھتی تو ہے مگر اسے سنجیدہ لکھنے والے زیادہ پسند ہیں۔ وہ عنیزہ سید اور فریدہ اشفاق کو زیادہ شوق سے پڑھتی ہے۔ ویسے وہ ڈائجسٹ کم ہی پڑھتی ہے۔ اس کے پاس تو کتابیں ہی ڈھیر ساری ہیں۔‘‘

’’ہاں۔ خاصی قدیم روح سمائی ہوئی ہے تمہاری بہن میں۔‘‘

’’وہ سنجیدہ مزاج ہیں مگر آپ انہیں قدیم تو نہیں کہہ سکتے۔‘‘ وہ خفا ہوئی۔

’’کبھی ریستوران آئے ہو تم لوگ۔۔۔؟‘‘ انہوں نے موضوع بدلا۔ اس وقت وہ چائنا ٹائون کے سامنے سے گزرے تھے۔

’’میکڈونلڈ اور چائنا ٹائون تو کئی بار آئے ہیں۔ جب ریحان بھائی نے تحصیل داری کا امتحان پاس کیا تھا تو ’’فائیو ویز‘‘ میں لنچ بھی کروایا تھا۔‘‘

’’سوپ پیو گی؟‘‘

’’اس وقت نہیں، پھر آئیں گے تائی امی سے پوچھ کر۔‘‘

’’ہوٹلنگ کرنا پسند ہے تمہیں؟‘‘ چینا کے بات کرنے کے انداز میں بے ساختگی و معصومیت تھی۔ وہ یونہی بات بڑھانے کو چھوٹے چھوٹے سوال کرنے لگے۔ اس سے قبل کبھی بات کرنے کاموقع ہی نہیں ملا تھا۔ وہ کتراتی تھی ان سے۔

’’بہت مگر کم کم ہی موقع ملتا ہے۔ ابو تو کسی بات سے منع نہیں کرتے۔ مگر تایا ابو کو نہیں پسند۔ مگر میری بات وہ نہیں ٹالتے۔ میں تو اکثر ان سے ایسی باتیں بھی منوالیتی ہوں۔‘‘ چینا نے فخریہ لہجے میں بتایا۔

’’ہاں۔ انسان چاہے تو بہت کچھ منوا سکتا ہے۔ لیکن اگر خود ہی نہ چاہے تو۔۔۔‘‘

وہ زیرِ لب بڑبڑائے تھے۔ چینا کی سمجھ میں نہ آیا تو خاموش رہی۔ بائیک صدر میں مشہور فلاور شاپ کے سامنے جا رکی۔ پچھلے چند دنوں میں وہ سارا شہر گھوم چکے تھے۔ اکثر راستے از بر ہوگئے تھے۔ چینا بہت دیر تک مختلف گلدستے دیکھتی رہی۔ مگر کوئی پسند ہی نہ آرہا تھا۔ پھر دکان میں گھس کر فریزر کھلوالیا۔ ایک ایک پھول چن چن کر نکلوایا۔ بڑا سا بوکے پیک ہوا تو پیسے کم پڑ گئے۔ اس نے بے تکلفی سے فراز سے مانگ لےے۔ سمانہ کے رکے رکے جھجکے اور تکلف لےے ہوئے انداز کے برعکس چینا کے انداز میں بہت اپنائیت محسوس ہوئی تھی انہیں۔ وہ اس کی ایکسائٹمنٹ پر مسکراتے رہے۔

گھر پہنچے تو فارینہ اور ونیزہ پہنچ کی تھیں۔ ونیزہ اک بڑا سا چاکلیٹ کیک خود بیک کر کے لائی تھی۔ چینا کے ہاتھ میں بوکے دیکھ کر فارینہ روہانسی ہوگئی۔

’’کسی نے مجھ سے ذکر تک نہیں کیا اور میں احمق خالی ہاتھ چلی آئی۔‘‘

سمانہ نے اسے یوں روہانسا ہوتا دیکھا تو چکن نوڈلز رول جو وہ شام کی چائے کے لےے بنارہی تھی۔ پلیٹ میں نکال کر خوب صورت سے کاٹن نیپکن سے ڈھانپ دےے۔

’’پہلے معلوم تو کرلو۔ زیب گھر پر ہیں یا نہیں۔ یوں منہ اٹھا کر کسی کے گھر چلے جانا بھی تو ٹھیک نہیں۔‘‘ بینا نے کہا تو چینا نے یہی دعا کرتے ہوئے کہ زیب گھر پر ہی ہوں نمبر ملایا تھا۔ دوسری طرف وہی صاحب تھے اور آج شاید خاصے مصروف تھے تب ہی بعجلت اتنا بتا کر کہ زیب گھر پر ہیں۔ فون بند کر دیا۔

’’مانہ! میں ٹھیک لگ رہی ہوں؟‘‘ برائون پائجامے اور پرنٹڈ قمیص دوپٹے اور برائون لیدر شوز میں اسٹیپس میں کٹے سیاہ بالوں کو سلیقے سے سنوارے وہ کچھ بزل سی بے حد کیوٹ لگ رہی تھی۔ فریج کا دروازہ کھولتے فراز نے ستائشی نظروں سے جدت، معصومیت اور خوب صورتی کے امتزاج کو دیکھا۔

’’بہت پیاری لگ رہی ہو۔‘‘

’’اس پر کارڈیگن پہن لوں۔‘‘

’’رہنے دو۔ آج تو یوں بھی سردی نہیں ہے۔ تمہارا سوٹ بھی موٹے کپڑے کا ہے۔‘‘

پہلی بار کسی رائٹر سے ملنے کا اتفاق ہورہا تھا۔ تینوں ایکسائیٹڈ تھیں۔ فارینہ نے تو بوتیک سے جا کر نیا سوٹ لیا تھا۔ کیونکہ قریب ہی جانا تھا۔ اس لےے وہ تینوں تائی امی سے کہہ کر باہر نکل گئیں۔

’’بچوں جیسی ایکسائٹمنٹ ہے اس کی بھی۔‘‘ سمانہ نے ہنستے ہوئے کہا اور باقی کے رول تلنے لگی۔ فراز نے پلٹ کر اسے دیکھا۔ سادہ گھریلو سا حلیہ۔ سارے بالوں کوسمیٹ کر جوڑا سا بنایا ہوا تھا۔

’’ایکسائٹمنٹ ہونی چاہےے۔ اس سے زندگی کا احساس ہوتا ہے اور چینا میں زندگی اپنی تمام تر خوب صورتی اور رنگوں کے ساتھ نظر آتی ہے۔‘‘

’’ہاں یہ تو ہے۔‘‘ مانہ کے لہجے میں بہن کی محبت کے سوا کچھ نہ تھا۔

’’مجھے چینا کی یہی بات اچھی لگی۔ وہ زندگی سے اپنا حصہ لڑ جھگڑ کر بھی وصول کرلیتی ہے۔ ورنہ لوگ تو یہی سوچتے رہ جاتے ہیں کہ دوسرے کیا سوچیں گے۔‘‘

سمانہ نے پلٹ کر حیرت سے انہیں دیکھا۔ پھر ہنس دی۔

’’آپ ابھی تک خفا ہیں؟‘‘

’’کیا نہیں ہونا چاہےے؟‘‘ ان کی خفگی ان کے لہجے سے بھرپور انداز میں چھلکی۔

’’ہونا تو نہیں چاہےے۔ ہر ماحول کے اپنے کچھ تقاضے ہوتے ہیں جو ہمیں پورے کرنے ہوتے ہیں۔‘‘ سادہ و مضبوط لہجہ۔

’’اور چینا۔۔۔ کل وہ بھی تو میرے ساتھ گئی تھی۔‘‘ بوتل فریج میں رکھ کر دروازہ بند کرتے ہوئے وہ پورے کے پورے اس کی طرف گھومے۔

سمانہ نے چند رول فرائنگ پین میں ڈالے پھر اسی انداز میں گویا ہوئی۔

’’چینا کی بات اور ہے۔ وہ گھر میں سب سے چھوٹی ہے۔ ابھی تک کسی کو احساس بھی نہیں ہوا کہ وہ بڑی ہوچکی ہے پھر اس کی عادتیں بھی بچوں جیسی ہیں۔ ابھی کچھ دن پہلے ابو اس کی ناک میں نوز پن دیکھ کر حیرت سے پوچھ رہے تھے کہ چینا نے کوکا ابھی سے پہن لیا۔

وہ بھی اپنے چھوٹے ہونے کا اکثر ایڈوانٹیج لے لیتی ہے۔ اب آپ بھی ذرا باہر چل کر بیٹھیں میں چائے لے کر ابھی آتی ہوں۔‘‘

بات کرتے کرتے اس نے یوں موضوع کو لپیٹا جیسے وہ کوئی خاص بات ہی نہ کر رہے ہوں۔

’’مجھے نہیں پینی تمہاری چائے۔‘‘

’’ارے کیوں؟ میں نے تو رول صرف آپ کے لےے بنائے تھے۔‘‘

فراز نے لب بھینچ کر اسے دیکھا جو اک خاص جملہ عام سے لہجے میں کہہ کر اب ٹرے میں ٹماٹو کیچپ اور چلی ساس رکھ رہی تھی۔

’’تم کبھی نہیں سدھرو گی۔‘‘ وہ زیرِ لب بڑبڑائے تھے۔

ـــــ

’’ویسے ایک بات طے ہے، تمہارے فراز بھائی ہیں زبردست پرسنیلٹی کے مالک۔‘‘

ونیزہ نے کچھ دور آکر کہا تھا۔

’’تمہارے؟‘‘ فارینہ نے مشکوک نظروں سے اسے دیکھا۔ ونیزہ نے اسے گھور کر اپنا جملہ مکمل کیا۔

’’سمانہ آپی کے ساتھ ان کا کپل پرفیکٹ ہوگا۔‘‘

’’یہ تو ہے۔‘‘ گھر میں متواتر ہوتی بحثوں نے چینا کا بھی مائنڈ میک اپ کر دیا تھا۔

’’میں نے تو رات کو بیٹھ کر زیب چودھری کے سارے ناولوں کے نام یاد کےے تھے۔ تمہیں تو پتا ہے مجھے نام یاد نہیں رہتے۔‘‘ فارینہ نے بتایا تو چینا اِترا کر بولی۔

’’مجھے تو ویسے ہی سب یاد ہیں۔‘‘

’’ہاں۔ اس معاملے میں تمہارا دماغ خوب چلتا ہے۔ ویسے تو دو کا پہاڑہ کہو تو یاد نہ آئے۔‘‘ وہ چڑ کر بولی۔

’’اب اپنا چھوہارے جیسا منہ بند کرلو۔ ہم منزل پر پہنچ چکے ہیں۔‘

ونیزہ نے اعلان کیا۔ پٹھان چوکیدار نے مونچھوں کو سنوارتے ہوئے خاصی کینہ توز نظروں سے چینا کو دیکھا تھا۔ یہاں سے گزرتے ہوئے اکثر وہ دیوار سے جھانکتے سفید پھولوں کے گچّھے توڑ لیا کرتی تھی اور کبھی ہاتھ نہ آئی تھی۔ لیکن اس نے خاموشی سے چھوٹا گیٹ کھول دیا تھا۔ گویا ہدایات پہلے سے دی جاچکی تھیں۔ اپنی اس اہمیت پر چینا کی گردن اکڑ گئی۔

خوب صورت لان میں خزاں اپنے قدم جمانے میں مصروف تھی۔ سرسبز پتوں کے بدن زردی مائل ہورہے تھے۔ سرخ روش عبور کر کے وہ کاریڈور میں آگئیں۔ جہاں رکھی کرسیوںمیں سے ایک پر بیٹھے شخص کی ان کی طرف پشت تھی۔ نہ جانے وہ اتنی محویت سے کس کام میں مگن تھا ہ ان کے ایک دو بار کھنکھارنے پر بھی متونہ ہوا۔

’’بات سنیں۔‘‘ چینا نے ذرا آگے کھسک کر اور ذرا سا اچک کر عقب سے اس کی مصروفیت جاننے کی کوشش کی۔ تب ہی وہ ایک دم کھڑے ہو کر پلٹا اور چینا کے منہ سے اک دلدوز چیخ نکلی۔ دونوں سکھیوں نے طوطا چشمی کی حد کرتے ہوئے دوڑ لگانے کو پرتولے مگر چینا کے ہاتھ میں ونیزہ کا بازو تھا۔ اور فارینہ گیٹ پر چوکنا کھڑے چوکیدار کو دیکھ کر پلٹی تھی۔ چینا کی حالت اس بکری جیسی تھی۔ جس کے گلے پر چھری رکھی گئی ہو۔ باہر کو اُبلی آنکھیں، تھر تھر کانپتا وجود۔ وہ پھٹی پھٹی آنکھوں سے بندوق کی اس نال کو دیکھ رہی تھی جو اس کی ٹھوڑی کو چھو رہی تھی۔

سامنے کھڑے شخص نے پہلے تینوں لڑکیوں کا پھر ان کے ہاتھوں میں پکڑی چیزوں کا جائزہ لیا۔

’’نام۔۔۔؟‘‘ سخت کھردرا لہجہ۔

دونوں نے کھٹ کھٹ اپنے نام بتائے۔

’’اور تمہارا۔۔۔؟‘‘

سارا منظر غائب تھا۔ لان، کاریڈور، ونیزہ، فارینہ اور سامنے کھڑا شخص بس بندوق کی اک نال تھی۔ جو اس کی نظروں کے سامنے گول گول گھوم رہی تھی۔ اس نے سامنے پڑی اپنی خونم خون لاش کو دیکھا۔تب ہی بندوق کی اس نالی نے کھرک کر اس کا نام پوچھا۔

’’چ۔۔چ۔۔۔چ۔۔‘‘

’’چہ۔۔۔چہ۔۔چہ۔۔۔‘‘ اس نے تاسف سے زرد پڑتی لڑکی کو دیکھا اور بندوق ہٹا کر کرسی پر ٹکائی۔

’’ہم۔۔۔ ہم چلتے ہیں۔۔۔‘‘ ونیزہ نے ساکت و صامت کھڑی چینا کو کھینچا۔

’’خبردار۔۔۔!‘‘ بندوق دوبارہ حرکت میں آئی۔

’’دیکھیں۔ ہم تو یہاں صرف زیب چودھری سے ملنے آئے تھے۔ وعدہ،اب نہیں آئیں گے۔ پلیز، ہمیں جانے دیں۔۔۔‘‘ ونیزہ رو دینے کو تھی۔

’’یہ کیا ہے۔۔۔؟‘‘ ہاتھ میں پکڑے ڈبے کی طرف اشارا کیا۔

’’ک۔۔۔کیک۔۔۔‘‘

’’میز پر رکھ دو اور تم لوگ بھی۔‘‘ تینوں نے حکم ملتے ہی چیزیں میز پر پٹخیں اور تیزی و معصومیت سے اجازت طلب کی۔

’’ہم جائیں۔۔۔؟‘‘

’’ابھی نہیں۔‘‘ تحکمانہ لہجے میں کہہ کر اس نے اک رول اٹھا کر جائزہ لیا۔ تب ہی عقب سے اک دروازہ کھلا۔

’’یہ کیا ہورہا ہے۔۔۔؟‘‘

اس تحکمانہ و پُرجلال آواز پر اس کے ہاتھ سے رول چھوٹ کر نیچے جا پڑا۔

’’دادو! وہ۔۔۔‘‘

آواز کی درشتی، اکھڑ پن۔ چہرے کی سختی و خباثت جو کہ فارینہ کو نظر آرہی تھی۔ صاف غائب ہوگئی۔

’’میں نے کہا نہیں تھا کہ جب وہ بچیاں آجائیں تو انہیں فوراً میرے کمرے میں لے آنا۔‘‘

انہوں نے اس درمیانہ قد، قدرے فربہی مائل وجود، صحت مندی کی علامت سرخ و سفید رنگت اور برف جیسے بالوں والی خاتون کو دیکھا تو اٹکی ہوئی سانسیں بحال ہوئیں۔

’’دادو! میں تو یہاں دادا جان کی بندوق صاف کر رہا تھا۔ یہ خوا مخواہ ہی ڈر گئیں۔

’’خوامخواہ؟‘‘ تینوں ہی چیخ اٹھیں اور ایک ساتھ شروع ہوگئیں۔ جھوٹ سچ نمک مرچ لگا کر جو منہ میں آیا بول دیا۔ دادو نے بھی دل کھول کر سب کے سامنے ٹھیک ٹھاک بے عزتی کی۔ لبوں میں ہلکی ہلکی مسکراہٹ دبائے نیچے گرے رول پر نظریں جمائے وہ بظاہر بے حد شرافت سے ڈانٹ سنتا رہا۔

’’اب تمہاری سزا ہے کہ تم ہم سب کے لےے چائے بنائو گے۔‘‘

’’نہیں۔ ہم اب چلتے ہیں۔۔۔‘‘ وہ تینوں ایک ساتھ بول اٹھیں۔

اس نے نیچے جھک کر رول اٹھا کر واپس پلیٹ میں رکھتے ہوئے بے حد شرارتی انداز میں پوچھا۔

’’زیب سے نہیں ملیں گی؟‘‘

’’ابھی تو برخوردار! تمہیں اس بات کی بھی معافی مانگنی ہے۔ جب زیب گھر پر نہیں تھی تو کیوں جھوٹ بولا تم نے۔۔۔؟‘‘ دادو نے اسے اکڑے تیوروں سے گھورا۔

’’کیا زیب گھر پر نہیں ہیں؟‘‘ تینوں چیخیں۔ ساتھ ہی خونخوار نظروں سے اسے گھورا۔ فارینہ نے دانت یوں کچکچائے تھے۔ جیسے اسے کچا چبارہی ہو۔ جواباً وہ بڑی بے نیازی سے اپنے بال انگلیوں سے سنوارنے لگا تھا۔

’’میں معافی چاہتی ہوں بیٹا! زیب کو اچانک واپس لاہور جانا پڑا۔ اس کے ماموں کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی۔ انہوں نے بلوالیا۔‘‘

’’اس بات پر تو میں معذرت کرنے کو تیار ہوں۔ مگر دادو اگر یہ لوگ نہ آتیں تو یہ اتنے مزے کی چیزیں کہاں سے آتیں؟‘‘ جینز کی جیب میں دونوں ہاتھ اڑستے پنجوں پر زور ڈال کر للچائی نظروں سے چیزوں کو دیکھا تھا۔

’’تم ابھی تک یہیں ہو۔ جائو ، چائے لے کر آئو۔‘‘

دادو نے ڈپٹ کر کہا۔ وہ شرافت سے اندر کی طرف مڑ گیا۔

’’دادو! ہم چلتے ہیں۔۔۔‘‘ چینا نے افسردگی سے میز پر رکھے بوکے کو دیکھا۔ کس چائو سے ایک ایک پھول چن چن کر لگوایا تھا۔

’’ہرگز نہیں۔ اب دادو کہا ہے تو دادو کی بات بھی ماننی ہوگی۔ فوراً بیٹھ جائو۔‘‘

دادو نے ان کے چہرے پر چھائی مایوسی و اُداسی کو دیکھا تو مشفقانہ لہجے میں ڈپٹ کر کہا تھا۔ وہ خاموشی سے بیٹھ گئیں۔ تب ہی وہ باہر سے آیا تھا۔ چیزوں کی طرف اشارہ کر کے پوچھنے لگا۔

’’یہ لے جائوں۔۔۔؟‘‘ خاصا شریفانہ انداز تھا۔ ان تینوں نے دانستہ نظر اٹھا کر بھی اس کی طرف نہیں دیکھا۔

’’لے جائو۔‘‘ دادو نے اجازت دی۔ پھر ان سے مخاطب ہوئیں۔

’’بھئی بچیو! یہ کیا تکلّف کیا تم لوگوں نے۔‘‘

’’ہم لوگ زیب کے لےے لائے تھے۔‘‘ چینا کی اداسی اب بھی کم نہ ہوئی تھی۔

’’یہ تو پہلی بار تھا۔ مگر آئندہ ایسی کوئی حرکت نہیں ہوگی۔‘‘

’’آئندہ آئیں گے تب نا۔‘‘ فارینہ بڑبڑائی۔

’’یہ میرا پوتا ہے احمر! بس ذرا شرارتی زیادہ ہے۔‘‘ ان کے لہجے میں ہلکا سا پیار چھلکا۔

چینا منہ ہی منہ میں نہ جانے کیا بڑبڑائی تھی۔ دادو مسکرائیں اور سہولت سے موضوع زیب کی تحریروں کی طرف موڑ دیا۔ تب ہی احمر چائے کی ٹرالی گھسیٹتا آگیا۔ ونیزہ کا بنایا کیک، رول، کباب اور دہی بھلے۔ بڑی خاموشی اور شرافت سے چائے سرو کرنے کے بعد اپنی پلیٹ فل بھر کر ذرا سائیڈ پر جا کر بیٹھ گیا۔ موضوعِ گفتگو زیب کی تحریریں تھیں سو ذرا سی دیر میں ان کی تالو سے چپکی زبانیں بھی کھل گئیں کی کھاتے کھاتے فارینہ کو یاد آیا کہ اس نے رات ہی بیٹھ کر نام یاد کےے تھے۔ جو سب کے سب ذہن کے کسی کونے کھدرے میں جا گھسے تھے۔ کھینچ کھانچ کر ایک ناول باہر نکلا۔ جو ابھی پچھلے مہینے ہی پڑھا تھا۔

’’ہاں، وہ زیب نے وہ ناول بھی تو لکھا تھا نا۔’’مہندی، چوڑی، آنچل۔‘‘

پانی کا گھونٹ بھرتی چینا کواچھوکا سا لگا۔ جبکہ فارینہ نے بڑے جوش میں پلیٹ ٹیبل پر رکھی اور نان اسٹاپ ناول کی تعریف و توصیف میں شروع ہوگئی۔ دادو کے لبوں پر ہلکی سی مسکراہٹ تھی۔ جبکہ احمر شاید اس کے زبان و بیان سے متاثر ہوا تھا۔ تب ہی پلیٹ ہاتھ میں لےے پورے کا پورا ان کی طرف پلٹ گیا اور حیرت سے فارینہ کو دیکھنے لگا جو حاضرین کی یہ توجہ دیکھ کر جوش میں آکر کچھ اور پھندنے ٹانکنے لگی تھی۔

چینا کی گھوریاں، میز کے نیچے سے پائوں دبانا، ونیزہ کا کھنکارنا بھی اس کا منہ بند نہ کر سکا۔

’’یہ غالباً فائزہ افتخار چندا کا ناول ہے۔‘‘ احمر سے مزید صبر نہیں ہوا تھا۔

’’ہیں۔۔۔‘‘ اس کی فراٹے بھرتی زبان کے سامنے اسپیڈ بریکر آگیا تھا۔ کچھ گھبرا کر سکھیوں کو دیکھا۔ جن کی گھورتی نگاہیں گویا تصدیق کر رہی تھیں۔ اس نے تیزی سے پلیٹ اٹھا کر کیک کھانا شروع کر دیا۔

’’ہاں، وہ بچی بھی بہت اچھا اور رواں لکھتی ہے۔‘‘ دادو نے اپنی گہری ہوتی مسکراہٹ کا بمشکل گلا گھونٹ کر سادگی سے کہا تھا۔

’’دادو! آپ بھی ڈائجسٹ پڑھتی ہیں؟‘‘ چینا نے پوچھا۔

’’کالج کے زمانے میں بہت پڑھتی تھی۔حور اور زیب النسائ تو باقاعدگی سے گھر آتے تھے پھر گھرداری میں الجھی تو چھوڑ دےے۔ مگر جب سے زیب نے لکھنا شروع کیا تو دوبارہ سے پڑھنے لگی ہوں۔‘‘ دادو نے بتایا۔ وہ کچھ دیر بیٹھیں۔ پھر اجازت لے کر کھڑی ہوگئیں۔

’’زیب! کب تک واپس آئیں گی دادو۔۔۔؟‘‘

’’کچھ کہہ نہیں سکتی۔ رات کو فون کروں گی تو پوچھوں گی۔‘‘ دادو نے بہت محبت سے انہیں رخصت کیا تھا۔ دوبارہ آنے کی تاکید بھی کی تھی۔ وہ بوجھل دل سے واپس آئی تھیں۔

’’مل آئیں زیب سے۔‘‘ تائی امی سب سے پہلے ٹکرائی تھیں۔

’’وہ گھر پر نہیں تھیں۔‘‘ افسردہ لہجہ، فراز اس کی لٹکی صورت دیکھ کر مسکرادےے۔ تائی امی بڑبڑانے لگیں۔ انہیں سو روپے ضائع ہونے کا افسوس ہورہا تھا۔

’’تمہاری فرینڈز چلی گئیں؟‘‘ فراز اس کے پیچھے اٹھ آئے۔

’’جی دیر ہورہی تھی انہیں۔ باہر ہی سے چلی گئیں۔‘‘ اس نے شوز اتارے۔

’’اتنی اداس کیوںہورہی ہو۔ آئندہ جانا ہوا تو مجھے بتانا۔ بالکل ویسا ہی بوکے لادوں گا۔‘‘ انہوں نے تسلی دی۔

’’ہاں، اب تو جیسے تائی امی مجھے پیسے دے ہی دیں گی۔‘‘ نروٹھے پن سے کہتی کانوں سے ٹاپس اتارنے لگی۔

’’پاگل! تم سے پیسے مانگ کون رہا ہے؟‘‘

’’ہیں۔۔ پھر میں بھی ساتھ جائوں گی۔‘‘ اداسی کے بادل ایک دم چھٹ گئے۔ رخ نوخیز پر اک روشن صبح طلوع ہوئی۔ وہ جواب دینا ہی بھول گئے۔ بس کچھ لمحے مبہوت سے اسے دیکھتے رہے۔ چینا نے بازو ہلا کر متوجہ کیا۔

’’ہیں فراز بھائی! میں بھی ساتھ جائوں گی۔‘‘

فراز نے اپنے بازو پر دھرا اس کا ہاتھ دیکھا۔ پھر آہستگی سے اس کا ہاتھ تھپتھپاکر بولے تھے۔

’’ضرور۔‘‘

ـــــ

بینا کی قمیص پر ترپائی باقی تھی۔ وہ لے کر اوپر آگئی۔ بہت اچھی دھوپ نکلی تھی۔ اس نے سوچا تھا۔ دھوپ میں بیٹھ کرکام ختم کرلے گی۔ مگر وہاں فراز کو دیکھ کر اسے افسوس ہوا کہ پہلے ہی معلوم کرلیتی۔ موصوف کہاں ہیں۔ وہ قصداً فراز سے کتراتی تھی۔ ابھی تو منگنی بھی نہیں ہوئی تھی کہ موصوف اس سے بے تکلف ہونے کی کوشش کرتے رہتے۔ شاید اسے ابھی امریکہ سمجھ رہے تھے کہ جہاں گرل فرینڈ کے ساتھ ہر قسم کی حرکتیں جائز تصور کی جاتی ہیں اور اگر منگیتر ہو تو پھر اللہ ہی حافظ۔‘‘

’’آئو سمانہ۔۔۔‘‘ وہ جو پلٹ جانے کو تھی۔ ذرا رک گئی۔

’’مجھے شاید امی آواز دے رہی ہیں۔‘‘ فراز نے قدرے خفگی سے اسے دیکھا۔ پھر اس کے قریب آگئے۔

’’شاید تم مجھے پسند نہیں کرتیں۔‘‘

سمانہ نے سٹپٹا کر انہیں دیکھا۔ اگر مستقبل اسی شخص کے ساتھ وابستہ ہوگیا تو یہی بات اس کے لےے مسئلہ بھی بن سکتی تھی۔ تب ہی قدرے سنجیدگی سے گویا ہوئی تھی۔

’’ایسی کوئی بات نہیں ہے فراز۔‘‘

’’تو پھر مجھ سے کتراتی کیوں ہو؟‘‘

عجیب بندہ تھا۔ مرغے کی وہی ایک ٹانگ۔

’’تمہیں نہیں پتا سمانہ! میں تصور میں تمہارا ہاتھ تھام کر کتنی دور تک نکل جاتا ہوں۔‘‘ سمانہ کو تصور میں بھی اپنا ہاتھ تھامنے پر اعتراض تھا۔ مگر قصداً خاموش رہی۔

’’سمانہ! اپنا ہاتھ دو۔‘‘ فراز نے اس کے سامنے ہتھیلی پھیلائی۔

’’جی۔۔۔‘‘ وہ گڑبڑاگئی۔

’’اپنا ہاتھ دو۔۔۔‘‘ انہوں نے دوبارہ دہرایا۔ سمانہ نے سر اٹھا کر سنجیدہ نظروں سے اسے دیکھا۔

’’فراز صاحب! نہ جانے ایک بار کہی گئی بات آپ کی سمجھ میں کیوں نہیں آتی۔ یہ مغرب نہیں ہے۔‘‘

وہ کہہ کر رکی نہیں تیزی سے سیڑھیاں اتری تھی۔ مگر درمیان میں ٹھٹک کر رکنا پڑا۔ ریحان، اوپر آرہے تھے۔ انہوں نے رستہ دیتے ہوئے سنجیدہ نظروں سے سمانہ پھر اوپر کھڑے فراز کو دیکھا تھا۔ سمانہ شرمندہ سی ہوگئی۔ پھر تیزی سے نکل کر کمرے میں آگئی۔ قمیص بیڈ پر پٹخی او رسر تھام کر رہ گئی۔

’’ہیں، تمہیں کیا ہوا؟‘‘ بالوں میں انڈے دہی کا لیپ کےے بیٹھی بینا نے حیرت سے اسے دیکھا۔

’’میں تنگ آگئی ہوں اس انگریز کے بچے سے۔‘‘

بینا کا منہ کھل گیا۔ پھر ہنسی نکل گئی۔

’’فراز کی بات کر رہی ہو؟‘‘

’’ہاں! نہ جانے کیا سمجھتا ہے خود کو۔‘‘

’’خدا کا خوف کرو۔ منگنی ہونے والی ہے تم لوگوں کی۔‘‘

’’تو اس کا یہ مطلب تو نہیں کہ ہر وقت خود کو رومیو کا جانشین سمجھتا رہے۔ کبھی ساتھ واک کرنے کی فرمائش، تو کبھی سوپ پینے کی دعوت تو کبھی۔۔۔‘‘ جملہ ادھورا چھوڑ کر وہ منہ ہی منہ میں بڑبڑانے لگی تھی۔

’’’ہائے نہ کیں ہم سے کسی نے ایسی فرمائشیں۔۔۔‘‘ بینا نے مصنوعی آہ بھری۔

’’ہر کسی کا دماغ فراز صاحب کی طرح کھسکا ہوا نہیں ہوتا۔ یہ تو پاکستان کو بھی امریکہ سمجھ بیٹھے ہیں۔‘‘

’’یار تھوڑی سی تو ڈھیل دو۔‘‘ بینا نے سفارش کی

’’تھوڑی سی بھی دے دی تو موصوف بالکل ہی پھیل جائیں گے۔ جی تو چاہ رہا تھا سوئی ہتھیلی میں چبھودوں۔‘‘ وہ بڑبڑائی۔

’’ہائیں۔ یہ ہتھیلی کہاں سے آگئی۔‘‘ بینا نے مشکوک نظروں سے اسے دیکھا۔

’’کچھ نہیں۔۔۔‘‘ وہ قمیص پھیلا کر دیکھنے لگی۔ پھر اس کی توجہ ہٹانے کو پوچھنے لگی تھی۔

’’کیسی سلی ہے؟‘‘

ـــــ

چینا نے کچھ دنوں کے بعد دوبارہ فون کیا تھا۔ جتنی بار احمر نے اٹھایا۔ اس نے لائن کاٹ دی۔ جب دادو کی آواز سنی تب اس نے تعارف کروایا تھا۔

دادو خفا ہونے لگیں۔

’’بہت ہی بے مروّت بچیاں نکلیں۔ میں نے سوچا تھا۔ جب تک یہاں ہوں میرا بھی دل لگا رہے گا۔‘‘

’’سوری دادو۔۔۔ وہ بس۔۔۔‘‘ چینا کو کوئی معقول بہانہ ہی نہیں ملا تو پوچھنے لگی۔ ’’زیب واپس آگئی ہیں؟‘‘

’’کہاں۔۔۔ وہ بھی تو وہیں جا کر بیٹھ گئی ہے۔‘‘ دادو سچ مچ بور ہورہی تھیں۔ چینا نے وعدہ کیا وہ جلد ہی آئے گی۔

’’ابھی کیوں نہیں۔ اتنی اچھی دھوپ نکلی ہے میں اور احمر لان میں میٹ بچھائے چکوترے کھانے میں مصروف ہیں۔‘‘

’’ارے یہ منظر تو اکثر زیب کے ناولوں میں ملتا ہے۔ لیکن دادو۔۔۔ وہ کیا ہے کہ مجھے چکوترے بالکل نہیں پسند۔۔۔‘‘

’’موسمبیاں تو پسند ہیں نا؟‘‘

’’وہ تو ہیں۔‘‘

’’بس پھر آجائو۔‘‘

ان کے اتنے اصرار کے بعد اسے انکار کرنا اچھا نہیں لگا تھا۔ تائی امی سے پوچھا تو وہ متفکر لہجے میں پوچھنے لگیں۔

’’جائو گی کس کے ساتھ؟‘‘

’’آپ چلیں نا۔‘‘

’’لو خوامخواہ اتنے بکھیڑے چھوڑ کر میں کس طرح جا سکتی ہوں۔ دیکھو فراز ہے تو اس سے کہو، تمہیں وہاں تک چھوڑ آئے۔‘‘

’’یہ ٹھیک ہے۔‘‘

وہ لائونج میں آئی تو فراز صوفے پر نیم دراز فلم دیکھنے میں مصروف تھے۔ چینا نے ٹی وی بند کر کے مدعا بیان کیا۔ پھر مخصوص لاڈ بھرے لہجے میں بولی تھی۔

’’اٹھیں نا فراز بھائی! دو منٹ کی تو بات ہے۔‘‘

’’کیا ہے چینا! ایک تو تم تنگ بہت کرتی ہو۔‘‘ مصنوعی خفگی کے ساتھ گویا ہوئے۔

اس نے ابھی نہا کر فیروزی، ہلکی سی کڑھائی والا سوٹ پہنا تھا۔ بلیک کارڈیگن اور دوپٹہ اوڑھ کر جلدی جلدی بالوں میں برش چلا کر پونی بنائی اور ان کے ساتھ نکل آئی۔

’’آج پھول نہیں لے جانے؟‘‘

’’زیب تو آئی ہی نہیں ہیں۔ میں تو ان کی دادو سے ملنے جارہی ہوں۔‘‘

اس نے لاپروائی سے کہا۔ تبھی نظر سامنے والے گھر کی دیوار سے لپٹی سرخ پھولوں کی بیل پرپڑی۔ جس پر ابھی تک خزاں کا سایہ نہیں پڑا تھا۔

’’ابھی لیں۔‘‘ وہ بھاگ کر ادھر گئی۔ دو بڑے بڑے پھولوں کے گچّھے توڑے۔ ’’فراز بھائی! ذرا ادھر آئیں۔‘‘

اس کے اشارے اور پکارنے پر وہ بھی اسی طرف آگئے۔

’’جلدی سے اوپر والے پھول توڑ دیں۔ مالی آگیا تو خوامخواہ لڑائی ہوجائے گی۔‘‘

فراز نے مسکراتے ہوئے پھول توڑے اور اس کی سمت بڑھادےے۔ وہ سب پھولوں کو جوڑ کر قدرے سوکھی ہوئی پتیاں الگ کرنے لگی۔

’’لیجےے! گلدستہ تیار ہے۔‘‘

سیاہ شاہ کے ہالے میں نکھرا نکھرا شاداب چہرہ اور اس پر سجی بے فکر سی مسکراہٹ وہ چاہتے ہوئے بھی نظروں کا زاویہ بدل نہ پائے۔

’’پتا ہے فراز بھائی! مجھے پھول بہت پسند ہیں۔‘‘ چینا نے قدم آگے بڑھا دےے۔

’’تمہارے سامنے تو یہ کچھ بھی نہیں۔‘‘ وہ زیرِ لب بڑبڑائے۔ جبکہ چینا کہہ رہی تھی۔

’’میں نے بہت سے لوگوں کو پھول گفٹ کےے ہیں۔ مگر مجھے آج تک کسی نے بھی نہیں دےے۔ حالانکہ اتنا دل چاہتا ہے۔ میں نے ونیزہ اور فارینہ سے بھی کہہ دیا ہے اس بار تو ان میں سے کوئی مجھے سرخ گلابوں کا گلدستہ برتھ ڈے پر ضرور دے۔ مگر میں جانتی ہوں وہ کبھی نہیں دیں گی۔‘‘

’’تمہارا برتھ ڈے کب ہے؟‘‘

’’6 دسمبر کو۔۔۔ ارے اس بار تو آپ بھی یہیں ہوں گے۔‘‘

’’پارٹی ہوتی ہے؟‘‘

’’نہیں، مگر گفٹ ضرور ملتے ہیں۔ آپ سے بھی لوں گی؟‘‘ وہ مسکرادےے۔

’’کیا لو گی؟‘‘

’’دعائیں دے دیجےے گا۔‘‘ چینا شریر سے لہجے میں گویا ہوئی۔ ’’بزرگ ہمیشہ یونہی ٹالا کرتے ہیں۔‘‘

’’واٹ ڈو یو مین بے بی؟‘‘ فراز نے گھورا۔

’’بے بی کہہ کر تصدیق کی مہر لگا دی ہے ورنہ میں نے تو یونہی کہا تھا۔‘‘ اس نے شرارت سے کندھے اچکائے۔

فراز کا قہقہہ بے ساختہ تھا۔

’’فراز بھائی! آپ یہاں آکر بور تو نہیں ہوئے؟‘‘

’’بور تو ہوا تھا۔ لیکن اب سوچتا ہوں تم سے دوستی پہلے کیوں نہ کرلی۔‘‘

’’بس گھر آگیا۔‘‘ وہ سیاہ گیٹ کے سامنے رک گئی۔

’’بہت جلدی آگیا۔ حالانکہ میں تمہارے ساتھ واک کو انجوائے کر رہا تھا۔‘‘انہیں واقعی افسوس ہوا تھا۔

’’کسی دن شام میں واک کے لےے آئیں گے۔ پہلے تو ہم لوگ روز ہی واک کے لےے نکلا کرتے تھے۔ لیکن اب ایک تو شادی کی مصروفیت۔ پھر اس وقت سردی بھی زیادہ ہونے لگی ہے۔‘‘

چینا نے کہا۔ پھر پھولوں کا ایک گچھا الگ کر کے اس کی طرف بڑھاتے ہوئے کہنے لگی۔ ’’یہ لیں۔‘‘

’’یہ کیا؟‘‘ فراز نے کچھ عجیب سے تاثرات کے ساتھ اس کی سمت دیکھا۔

’’مانہ کو دے دیجےے گا۔‘‘ شرارت سے کہتی پھول ان کے ہاتھ میں تھماتی وہ اندر چلی گئی تھی۔ فراز کچھ لمحے پھولوں کو دیکھتے رہے پھر پلٹے۔ پھولوں کی ایک ایک پتی الگ کرتے ہوئے ان کا ذہن مختلف سوچوں کی آماجگاہ بنا ہوا تھا۔ خشک پتے ان کے قدموں تلے چرچرا رہے تھے۔

’’سمانہ۔۔۔‘‘ اس نے زیرِ لب دہرایا۔ پھر پھول اٹھا کر سڑک پر دے مارے تھے۔

ـــــ

’’دادو! یہ سارا دن گھر پر ہی ہوتے ہیں؟‘‘

احمر کی بے تکان بولنے کی عادت چینا کو زہر لگتی تھی۔ شاید اس لےے کہ پھر اس کی بولتی بند ہوجاتی تھی۔ تبھی چڑ کر دادو سے پوچھ لیا تھا۔

’’غضب خدا کا اب کیا میرے ہی گھر میں میرا رہنا بند کروائے گی یہ لڑکی۔‘‘ احمر نے دہائی دی تھی۔

دادو ہنسنے لگیں۔

’’اس کی وجہ سے تو میرا دل لگا رہتا ہے یا پھر تم آجاتی ہو۔‘‘

چینا اب اکثر آجاتی تھی۔ نہ آتی تو دادو فون کر کے بلوالیتیں۔ احمر کے بڑے بھائی سعودیہ میں ہوتے تھے۔ انہوں نے بلوایا تو اس کے امی ابو عمرہ کرنے چلے گئے۔ احمر تنہائی سے گھبرایا تو لاہور سے دادو اور زیب کو لے آیا۔ زیب تو چند دنوں میں ہی بھاگ گئی۔ دادو بے چاری خالی گھر میں بولائی بولائی سی پھرتیں۔ لاہور کو یاد کرتیں۔ وہاں گلشن میں تین کوٹھیاں پاس پاس تھیں ان کی تینوں بیٹیوں کی۔ کئی پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں بھی زیادہ دور نہیں رہتے تھے۔ کچھ وہ بھی بہت زندہ دل اور ہنسوڑ طبیعت کی مالک تھیں۔ ہر وقت ارد گرد میلا سا لگا رہتا۔

وہ چینا کو سب کے بارے میں تفصیل سے بتاتیں۔ ان کی شرارتیں، نت نئے تو لطیفے گھڑے ہوئے تھے۔ ان میں سے اکثر شرارتیں وہیں ہوتیں جو زیب اپنے ناول میں لکھ چکی تھیں۔ وہ بہت دلچسپی اور انہماک سے سنتی۔ مگر احمر آجاتا تو پھر اس کی اپنی باتیں ختم نہیں ہوتی تھیں۔ اپنے بچپن کے اور دوستوں کے اوٹ پٹانگ قصے سناتا رہتا۔ دادو ہنستی رہتیں۔ چینا بور ہونے لگتی۔ اسے احمر کے قصوں میں کوئی دلچسپی محسوس نہیں ہوتی۔ یوں لگتا خود سے گھڑ گھڑ کر سناتا ہے۔ ایک تو وہ ایگزامز کے بعد فارغ تھا دوسرے دادو کی وجہ سے ہمہ وقت گھر میں موجود۔

’’لیں دادو پھر میں چلتا ہوں۔ آپ کی مہمان کو ہمارا وجود گوارا ہی نہیں۔‘‘

اس نے کھڑے ہو کر پی کیپ سر پر لی اور بائیک کی چابی اٹھالی۔ دادو کچھ بھی نہیں بولیں۔ چینانے تو خیر شکر ہی کیا تھا۔

’’دادو! آپ تو ہمارے گھر ہی نہیں آتیں۔‘‘ اس کے جانے کے بعد چینا نے شکوہ کیا تو وہ کمبل ٹھیک کرتے ہوئے مسکرادیں۔

’’اب بیٹا اس سردی نے ناکارہ کر چھوڑا ہے۔ کہیں نکلنے کو دل ہی نہیں چاہتا۔ وہاں بھی سردی شروع ہوتے ہی اپنے کمرے تک محدود ہوجاتی تھی۔ ناصر تو بہت ہی لڑتا تھا کہ دادو آپ بور کرتی ہیں۔‘‘

انہیں ناصر کی کوئی شرارت یاد آئی تو اسے سنانے لگیں۔ اب تو وہ سب کے ناموں اور عادتوں سے واقف ہوگئی تھی۔ یہ ناصر وہی تھا جومارکیٹ میں آنے والا ہر نیا چاکلیٹ دادو کے لےے ضرور لاتا تھا۔ دونوں ہاتھوں کے پیالے میں چہرہ سجائے وہ انہماک سے سنتی رہی۔

’’دادو! اسی لےے زیب کے سارے ناولوں میں اتنے ڈھیر سارے کزنز اور ان کی شرارتیں ہوتی ہیں۔‘‘

’’ہاں وہ سب بہت شریر ہیں۔‘‘

دادو یونہی اسے مختلف قصے سناتی رہیں۔ اس نے ایک بار اٹھ کر چائے بھی بنائی اور جب وہ چائے ختم کر چکی تب احمر چلا آیا۔

’’جلدی سے چینا پلیٹیں لے آئو۔ جھال روڈ پر نیا ریستوران کھلا ہے۔ ’’نیو لاہور بروسٹ‘‘ وہاں سے لایا ہوں چکن تکہ۔‘‘

چینا پلیٹیں نکال لائی۔

’’یہ تکہ ان میں منتقل کرو اور دادو۔۔۔‘‘ اس نے بڑی سی لیدر جیکٹ کی زپ کھول کر اندر سے شعاع اور خواتین ڈائجسٹ کے نئے شمارے نکالے۔

’’یہ آپ کے ڈائجسٹ۔‘‘

’’ہیں۔۔۔ ڈائجسٹ آبھی گئے۔۔۔؟‘‘ چینا تکّے نکالنا ہی بھول گئی۔

’’خبردار۔۔۔!‘‘ احمر نے ہاتھ پیچھے کر لیا۔ ’’تم پہلے تکّے نکالو۔‘‘

’’نہیں، پہلے میں ڈائجسٹ دیکھوں گی۔ دادو پلیز! کہیں نا احمر بھائی سے۔‘‘

’’احمر! دے دو۔‘‘

دادو کی سفارش پر احمر نے گھُورتے ہوئے ڈائجسٹ اسے تھمائے اور خود تکے نکالنے لگا۔

’’زیب نے پتا نہیں اس بار کچھ لکھا ہے یا نہیں؟‘‘ وہ ورق گردانی کرنے لگی۔

’’اس بار زیب نے کچھ نہیں لکھا۔‘‘ احمر نے اطلاع دی۔

’’آپ کو کیا پتا؟‘‘

’’مجھے زیب کے بارے میں ساری خبریں رہتی ہیں۔‘‘

وہ دادو کو دیکھ کرمسکرایا۔ تب ہی چینا کے سامنے لسٹ آگئی تھی۔ تب ہی خوش ہو کر چڑاتے ہوئے بولی تھی۔

’’آپ کو زیب کے بارے میں ساری خبریں نہیں رہتیں۔ ان کا اس بار مکمل ناول آیا ہے۔‘‘

’’میں جانتا تھا بی بی! محض مذاق کر رہا تھا۔‘‘ وہ ہنس کر بولا۔ اور چٹنیاں اور سلاد نکالنے لگا۔

’’میں بھی منگوالوں گی۔ اللہ کرے آج ریحان بھائی آجائیں۔‘‘

’’منگوانے کی کیا ضرور ت ہے، یہی لے جائو۔‘‘ دادو نے محبت سے کہا۔

’’ہرگز نہیں، پہلے میں پڑھوں گا۔‘‘ وہ جو خوش ہونے جارہی تھی احمر کے بولنے پر منہ بنا کربیٹھ گئی۔ احمر نے بڑے سلیقے سے دونوں کو تکے سرو کےے۔ پھر اپنی پلیٹ میں ڈھیر ساری چٹنی ڈالنے لگا۔

’’دادو! آپ کے پاس زیب کی تصویر ہے۔۔۔؟‘‘ چٹنی میں ڈبو ڈبو کر تکہ کھاتے ہوئے ایک دم خیال آیا۔

’’احمر کے پاس شاید ہوں۔‘‘ دادو نے کہا تو وہ پلیٹ رکھ کر کھڑا ہوگیا۔

’’عمران کی شادی کی پوری البم موجود ہے میرے پاس۔‘‘

’’عمران، زیب کا بھائی ہے۔‘‘ دادو نے بتایا تھا۔

احمر نے البم لا کر اس کے ہاتھ میں دی۔ چینا نے بے حد اشتیاق سے کھولی۔ بہت سارے خوب صورت چہرے سامنے تھے۔ کسی کی مایوں کی تصویریں تھیں۔

’’ان میں سے زیب کون سی ہیں؟‘‘

’’خود پہچانو۔۔۔‘‘ احمر نے اشارے سے دادو کو منع کیا۔

’’میں کیسے پہچانوں گی۔‘‘

’’غور کرو جو مجھ سے سب سے زیادہ قریب ہو۔‘‘ احمر کا لہجہ شرارتی ہوا۔ دادو نے دھپ رسید کی تھی۔

چینا البم کے صفحے پلٹتی رہی۔ پھر ٹھٹک گئی۔ ہاں تھی ایک لمبے قد کی خوب صورت سی لڑکی، رسموں میں سب سے نمایاں اور آگے، دادو کے ہم قدم، ہر تصویر میں احمر بھی موجود تھا۔

’’یہ۔۔۔‘‘ چینا نے انگلی رکھی۔

’’رائٹ۔۔۔‘‘ احمر نے کہا، دادو نے بھی مسکرا کر تصدیق کی۔ چینا نے بہت غور اور اشتیاق سے ہر تصویر کو دیکھا تھا۔ جا کر سکھیوں کو بتانا بھی تھا۔ تبھی فون کی بیل گونج اٹھی۔ احمر نے سنا پھر ریسیور اس کی طرف بڑھایا۔

’’تمہارا فون ہے۔‘‘

’’تُو ایک بار گھر آ چینا! میں تیرا گھر سے نکلنا بند کرتی ہوں۔‘‘ دوسرے طرف سے چُھوٹتے ہی تائی امی بولی تھیں۔ اس نے گھبرا کر کلاک پر نظر ڈالی پھر دانتوں تلے زبان دبالی۔

’’میں ابھی آرہی ہوں امی۔‘‘ اس نے تیزی سے ریسیور رکھا۔ عجلت میں جوتا پہنا۔

’’مروادیا نا دادو! آج تو مار ضرور ہی پڑے گی۔‘‘

’’واقعی! وقت گزرنے کا احساس ہی نہیں ہوا۔‘‘ دادو کو بھی احساس ہوا وہ کافی دیر سے آئی ہوئی تھی۔

’’مگر اب یہ تکے کون کھائے گا؟‘‘ احمر نے کہا۔

’’خود ہی کھا لیجےے گا۔‘‘ چینا نے شال کو ڈھنگ سے اوڑھا۔

’’جائو احمر! بہن کو گھر تک چھوڑ آئو۔‘‘

’’نہیں دادو۔ میں چلی جائوں گی، قریب ہی تو گھر ہے۔‘‘

’’جب تمہاری ماں نے کبھی اکیلے نہیں بھیجا تو میں کیسے بھیج دوں؟‘‘ دادو نے کہا تو احمر اس کے ساتھ باہر آگیا۔ گھر کے دروازے پر رک کر اس نے جیکٹ کی اندرونی جیب سے ڈائجسٹ نکال کر اس کی طرف بڑھایا۔

’’جی نہیں، آپ خود ہی پڑھ لیجےے گا۔‘‘ وہ خفگی سے گویا ہوئی۔

’’اچھی لڑکی! یوں خفا نہیں ہوتے۔ یہ ڈائجسٹ میں نے تمہارے لےے ہی خریدا تھا۔ اسے پڑھ کر آنا، تبصرہ کریں گے۔‘‘

ڈائجسٹ اس کے ہاتھ میں دے کر وہ پلٹ گیا اور وہ تائی امی کی متوقع ڈانٹ سننے کے لےے پوری طرح تیار ہو کر گھر میں داخل ہوئی تھی۔

ـــــ

آج بھی اسے فراز ہی کالج سے لینے گئے تھے۔

’’چلیں سوپ پینے۔۔۔‘‘ انہوں نے خوش دلی سے پوچھا تھا۔

’’نہیں۔۔۔‘‘ چینا نے فوراً انکار کر دیا۔

’’کیوں بھئی کسی اور چیز کا موڈ ہے؟‘‘

کل بھی کالج سے فراز نے ہی اسے پک کیا تھا۔ پھر چائنا ٹائون لے گئے۔

’’کل جب میں نے سمانہ کو بتایا تو وہ کہنے لگی۔ یہ چھوٹا سا شہر ہے یہاں کالج یونیفارم میں لوگ کسی لڑکی کو ریستوران میں دیکھیں تو اچھا نہیں سمجھتے۔ جب بھی جانا ہو، شام میں امی سے اجازت لے کر جایا کرو۔‘‘

چینا نے سادگی سے بتایا تو فراز کی رگیں تن گئیں۔

’’کیا ریحان کے ساتھ کبھی تم ریستوران نہیں گئیں؟‘‘

’’کالج سے واپسی پر تو کبھی نہیں گئی۔‘‘

گھر تک کا فاصلہ بے حد خاموشی سے طے ہوا تھا۔ چینانے ہی کوئی بات کی ہو تو ہو۔ فراز تو خاموش ہی ہوگئے تھے۔

چینا نے گھر جاتے ہی حسبِ عادت بھوک بھوک کا نعرہ لگایا تھا۔

’’سبزیوں کی بھجیا بنائی ہے اور کھیر بھی۔ تم کپڑے بدلو میں کھانا نکالتی ہوں۔‘‘ سمانہ دھلے کپڑوں کی تہ لگا رہی تھی۔ چھوڑ کر کھڑی ہوگئی۔

’’فراز آپ کے لےے لائوں۔‘‘

’’وہیں کھالوں گا۔‘‘ وہ اس کے پیچھے ہی کچن میں چلے آئے۔ سمانہ نے آٹا نکالا۔ اور سرعت سے تازہ پھلکے بنانے لگی۔ ساتھ ساتھ سالن گرم کیا اور دیگر چیزیں بھی نکال کر ٹیبل پر رکھنا شروع کر دیں۔

’’تم نے چینا کو میرے ساتھ ریستوران جانے سے منع کیا تھا۔‘‘

سلاد کی ٹرے رکھتے ہوئے سمانہ کا ہاتھ ایک پل کو رکا۔ پھر وہ پلٹ کر روٹی پلٹتے ہوئے نارمل سے لہجے میں کہنے لگی۔

’’منع تو نہیں کیا۔ مگر کالج سے واپسی پر۔۔۔ یہ بات گھر والوں کو پسند نہیں آتی اور جس انداز میں امی یہ بات چینا کو سمجھاتیں۔۔۔ میں نے مناسب سمجھا کہ سادہ الفاظ میں خود ہی اسے سمجھادوں۔‘‘

’’میں تمہیں بدمعاش نظر آتا ہوں؟‘‘ وہ تڑخ کر بولے۔ مانہ کی ہنسی نکل گئی۔

’’میں نے تو ایسا کچھ نہیں کہا۔‘‘

’’تم انتہائی تنگ ذہن اور شکّی مزاج لڑکی ہو۔‘‘

’’میں نہ تنگ ذہن ہوں اور نہ شکّی مزاج۔ صرف احتیاط پسند ہوں۔ ورنہ مجھے آپ پر بھی اعتبار ہے اور چینا پر بھی۔‘‘

اس کے سادہ سے لہجے میں کہے گئے ایسے ہی جملے فراز کے اندر ابلتے غصے کو ٹھنڈا کر دیتے تھے۔ وہ لب بھینچے اسے دیکھتے رہے۔ سمانہ نے گرم روٹیاں دسترخوان میں لپیٹ کر ان کے سامنے رکھیں۔

’’اب اگر میں یہ کہوں کہ کھانے میں میرا ساتھ دو تو یہ بھی تمہارے احتیاط پسند نقطۂ نظر سے غلط ہوگا۔‘‘

سمانہ کی آنکھوں میں الجھن سی تیر گئی۔

’’یہ جانتے ہوئے بھی ہر بات ایسی ہی کیوں کرتے ہیں۔‘‘

’’میں کھانا کھاچکی ہوں۔‘‘ وہ چولہا بند کرکے باہر نکل گئی۔ تبھی چینا دونوں ہاتھ رگڑتے ہوئے آگئی۔ کرسی کھنچ کر ان کے سامنے بیٹھتے ہوئے بے تابی سے بولی تھی۔

’’شروع کریں فراز بھائی! سخت بھوک لگ رہی ہے۔‘‘

وہ بے خیالی میں اس کے چہرے پر نظریں جمائے نہ جانے کیا سوچنے لگے تھے۔

ـــــ

’’آپ یہ خواتین کے ماہنامے کیوں پڑھتے ہیں؟‘‘

بہت الجھ کر دریافت کیا گیا تھا۔ احمر نے ڈائجسٹ سے نظریں ہٹا کر تینوں لڑکیوں کو دیکھا۔ سوال فارینہ نے کیا تھا۔ آج وہ تینوں دادو سے ملنے آئی تھیں۔ دادو ابھی ابھی اٹھ کر واش روم میں گئی تھیں۔

’’اس میں ایک راز پنہاں ہے۔‘‘

’’وہ راز عیاں کریںگے آپ؟‘‘ ونیزہ نے کہا تو وہ ڈائجسٹ رکھ کر سیدھا ہو بیٹھا۔

’’خواتین کے ماہنامے پڑھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ لڑکیاں کس قسم کے لڑکوںپر مرتی ہیں۔ کون سی باتوں پر فدا ہوتی ہیں۔ ذرا سچ سچ بتائیں۔ میں شازیہ چوہدری کے ہیرو جیسا نہیں لگ رہا؟‘‘ کالر کھڑے کر کے اِترا کر پوچھا۔

’’مجھے تو آپ رخ چوہدری کے ناولوں کے ہیرو لگتے ہیں۔ جو کسی بھی لمحے اٹھ کر بندروں جیسی حرکتیں شروع کر دیتا ہے۔‘‘ چینا اس کی اتراہٹ پر چڑ گئی۔

’’حد ادب لڑکی! زیادہ بدتمیزی میں برداشت نہیں کرتا ہوں۔‘‘

’’ایک بات تو بتائیں۔‘‘ ونیزہ نے کچھ سوچتے ہوئے کہا اور بے حد مشکوک نظروں سے احمر کو دیکھا۔

’’الٰہی خیر۔‘‘ وہ زیرِ لب بڑبڑایا۔

’’آپ کو زیب کی ساری کہانیوں کے بارے میں کیسے پتا ہوتا ہے۔ وہ اپنا ہر آئیڈیا آپ سے ڈسکس کرتی ہیں؟‘‘ جس روانی سے وہ زیب کی کہانیوں کے بارے میں بات کرتا تھا۔ اس کو کچھ اور ہی شک گزرا تھا۔

’’وہ مجھ سے اپنی ساری کہانیوں کی اصلاح کرواتی ہیں۔‘‘

’’سفید جھوٹ۔‘‘ چینا نے جھٹلایا۔

ونیزہ پائوں جُھلاتی ٹٹولتی نگاہوں سے اسے دیکھتی رہی۔

احمر اس کی سمت جھکا۔

’’مجھے تمہاری نگاہوں میں زیرو زیرو سیون جیسی چمک نظر آرہی ہے۔ جلدی بولو لڑکی تم اس وقت کیا گواچ رہی ہو؟‘‘

ونیزہ نے جھنجلا کر نظروں کا زاویہ بدلا پھر جھنجلا کر بولی۔

’’مجھے تو لگتا ہے زیب کا کوئی وجود ہی نہیں ہے آپ خود ہی اس نام سے لکھتے ہیں۔‘‘

’’ہیں۔۔۔‘‘ چینا اور فارینہ نے ایک دوسرے کو دیکھا۔‘‘ یہ کیا کہہ دیا ونیزہ نے۔۔۔‘‘

احمر نے کچھ تحیر سے اسے دیکھا۔ پھر اس کا بے ساختہ قہقہہ ابھرا تھا۔

’’تم کیا بائولے ہوگئے ہو۔‘‘ اندر آتی دادو نے حیرت سے اسے یوں ہنستے دیکھا۔

’’دادو! ذرا سنیں، یہ کیا سوچ رہی ہیں۔‘‘

وہ ہنستا ہوا اٹھ کر دادو کے قریب گیا۔

دادو اس کی بات سن کر مسکرادیں۔

’’پھر اب دو جواب۔‘‘

’’بھئی اس کا سیدھا سادا سا جواب تو یہ ہے کہ زیب کی ان سے بات کروادی جائے۔‘‘

اس نے سائیڈ ٹیبل پر سے موبائل اٹھا کر مسکراتے ہوئے نمبر پریس کیا۔ متبسم نگاہیں ان پر جمی تھیں۔

وہ خجل سی ہو کر ونیزہ کو گُھورنے لگیں۔ جواب بھی لاپروائی سے پائوں جھلا رہی تھی۔

’’ہاں زیب۔۔۔! جانتا ہوں مصروف ہو۔ مگر اس وقت کچھ تمہاری تحریروں کی مداح بیٹھی ہیں۔ جن کا خیال ہے کہ زیب کے نام سے میں خواتین کے ماہناموں میں ناول لکھتا ہوں، ارے بات تو سنو۔۔۔ چلّانے کی ضرورت نہیں۔ لو ان سے بات کرو۔‘‘

اس نے موبائل ونیزہ کی طرف بڑھایا تھا مگر چینا نے جھپٹ لیا۔ اتنے عرصے کے بعد تو خواہش پوری ہورہی تھی۔

’’بھئی! کیا ہورہا ہے میری غیر موجودگی میں۔‘‘ زیب ہنستے ہوئے پوچھ رہی تھی۔

ایک پل کو اس کی آواز سن کر چینا کچھ کہنا ہی بھول گئی تھی۔ مگر زیب کے بے تکلفانہ اور شگفتہ لہجے نے اس کی زبان کی روانی بحال کی۔ سکھیوں کی گُھوریوں کے باوجود خاصی لمبی بات ہوئی۔

’’آپ ساہیوال نہیں آئیں گی۔‘‘ اس سے قبل کہ فارینہ موبائل کھینچ لیتی اس نے تیزی سے پوچھا تھا۔

’’کیوں نہیں، میں کچھ دنوں تک ضرور آئوں گی۔‘‘

فارینہ پھر ونیزہ۔۔۔ احمر دہائی دیتا رہ گیا۔

’’اُف تم لڑکیاں بھی۔۔۔‘‘ موبائل ہاتھ میں آیا تو اس کی رکی ہوئی سانسیں بحال ہوئی تھیں۔ جب کہ وہ تینوں خاصی خوش نظر آرہی تھیں۔

’’اب تو یقین آگیا نا۔‘‘

’’بالکل۔۔۔‘‘ ونیزہ کھلکھلا کر ہنس دی۔

’’اس کال کا بل میں آپ سے لوں گا۔۔۔‘‘ وہ دادو کے قریب بیٹھا۔

’’اتنے غریب لگتے ہیں نہ کنجوس۔‘‘

’’دادو زیب کی انگیجمنٹ ہوگئی ہے؟‘‘ فارینہ نے پوچھا۔ یہ وہ سوال تھا جو ہر بار چینا کرنا بھول جاتی تھی۔

’’ہوئی تو نہیں مگر عنقریب ہوجائے گی۔‘‘ دادو کے بولنے سے قبل ہی احمر بول اٹھا۔

’’کس کے ساتھ؟‘‘

’’میرے ساتھ۔‘‘

دادو کی دھپ احمر کے کندھے پر پڑی۔

’’کیوں فضول بولتے ہو۔‘‘

’’سچ کہہ رہا ہوں زیب میری ہے، صرف میری۔‘‘ جذباتی انداز میں بولا گیا یہ ڈائیلاگ فلمی تھا۔ دادو اس کے کان کھینچنے لگیں۔ چینا نے بے حد جھنجلا کر اس کی طر ف دیکھا۔

’’بھلا یہ اوٹ پٹانگ سا لڑکا زیب کے قابل تھا۔‘‘ اسے واقعی افسوس ہوا تھا۔

ـــــ

فرزانہ خالہ کا فون آیا تھا۔ وہ اور خالو بینا کی شادی پر پاکستان آرہے تھے۔

’’ہم چاہتے ہیں اسی موقع پر جب سارا خاندان اکٹھا ہو تو منگنی کے بجائے نکاح کر دیا جائے۔ کیونکہ سمانہ کے کاغذات بھی بنوانے ہوں گے۔‘‘

تائی امی نے یہ سنتے ہی رونا شروع کر دیا۔ اتنا اچھا رشتہ ملنے کی خوشی پر سمانہ کے دور جانے کا دکھ غالب آگیا۔ سمانہ نے انہیں اپنی بیٹی سے زیادہ سکھ دیا تھا، بزرگوں کی میٹنگ بند کمرے میں ہوئی۔

سمانہ خود ایک دم چپ ہوگئی تھی۔

فراز الجھے ہوئے تھے۔

اور چینا بے حد اداس، بار بار آنکھیں چھلک رہی تھیں۔ کمرے میں آئی تو سمانہ دونوں ہاتھ گود میں رکھے گم صم سی بیٹھی تھی۔ چینا خاموشی سے اس کے پاس بیٹھی۔ پھر اس کی گود میں سر رکھ کر لیٹ گئی۔

سمانہ کی سرخ آنکھیں اس کے سامنے تھیں۔

’’مانہ! تم امریکہ چلی جائو گی۔‘‘

وہ خاموشی سے اس کے بالوں میں انگلیاں پھرنے لگی۔

’’مانہ! تم روئی تھیں؟‘‘

’’نہیں تو۔۔۔‘‘ سمانہ نے مسکرانا چاہا مگر ایک دم رو دی اور چینا اس سے لپٹ کر بہت دیر تک دونوں یونہی روتی رہی تھیں دل بھرا ہوا تھا۔ آنسو ختم ہی نہ ہوتے تھے۔ پھر سمانہ نے اسے پرے دھکیلا اور روتے روتے ہنس دی۔

’’پاگل ہے تُو بھی چینا! خوامخواہ مجھے بھی جذباتی کر دیا۔‘‘

چینا گیلی آنکھیں رگڑتی رہی۔

سمانہ نے چہرہ دوپٹے سے صاف کیا اور کھڑی ہوگئی۔

’’میں بھی پاگل ہوں، کھانے کے بعد سب ہی چائے کا انتظار کر رہے ہوں گے۔‘‘

چینا وہیں لیٹ گئی۔ سمانہ نے چائے کا پانی چولہے پر رکھا اور یونہی ماچس کی تیلیاں جلانے بجھانے لگی، ریحان دروازے میں ہی ٹھٹک گئے۔ شاید چائے کا کہنے آئے تھے کچھ لمحے اس کی سرگرمی کو دیکھتے رہے۔

’’چائے نہیں بنی ابھی تک۔‘‘

وہ مڑ کر جواب دینے کوتھی پھر وہیں تھم گئی۔

’’ابھی بن جاتی ہے۔‘‘

ریحان نے اس کے لہجے میں آنسوئوں کی نمی پوری طرح محسوس کی تھی۔ تب ہی اندر آگئے۔

’’سمانہ! تم خوش ہو؟‘‘ سمانہ کا دل پھر سے بھر آیا۔

’’اگر تمہیں کوئی اعتراض ہے تو کہہ سکتی ہو۔‘‘

’’میں نے فیصلے کا اختیار بڑوںکو دے رکھا ہے۔‘‘

’’تم خوش رہ سکو گی؟‘‘

’’اس کا فیصلہ وقت کرے گا۔‘‘ وہ ہر قسم کی صورت حال کے لےے تیار بیٹھی تھی۔

’’چائے بن جائے تو جلدی بھجوادینا۔‘‘ ریحان پلٹ گئے۔ وہ ان کے لہجے میں چھپی مایوسی نہ کھوج پائی تھی۔

ـــــ

وہ سیڑھیوں پر بیٹھی ڈائجسٹ میں مگن تھی۔ جب ہی تائی امی برس پڑیں۔

’’لوٹھا کی لوٹھا ہوگئی ہے مگر عقل رتّی بھر نہیں، گھر میں ہزاروں کام بکھرے ہیں۔ مگر ہاتھ ہلانا محال ہے۔ رسالے پڑھوالو اس سے۔‘‘

’’صرف ہاتھ ہلانا ہیں تو میں یہیں بیٹھے بیٹھے ہلا لیتی ہوں۔‘‘

’’بری بات چینا۔‘‘ مہمانوں کی لسٹ سامنے رکھے کارڈز لکھتے ریحان نے عینک کے عقب سے سرزنش کی۔ ’’ہر چیز اعتدال میں اچھی لگتی ہے گڑیا۔‘‘

وہ اٹھ کر ان کے قریب آبیٹھی۔

’’تین کارڈز مجھے بھی چاہئیں۔‘‘

’’اب سارے کالج کو مت بلالینا۔‘‘ تائی امی نے گھورا۔

ریحان نے تین کارڈز اسے تھما دےے تھے جیسے جیسے شادی کے دن قریب آرہے تھے۔ تائی امی کے ہاتھ پائوں پھول رہے تھے۔ ریحان نے بے حد ساتھ دیا تھا دونوں طرف دوڑ دھوپ وہی کر رہے تھے۔ سنجیدہ سے ریحان کی شخصیت میں سنجیدگی کا عنصر کچھ اور بڑھ گیا تھا۔ مگر اپنے کاموں میں الجھے لوگوں میں سے کسی کو بھی احساس نہیں ہوا تھا۔ فراز ہمہ وقت کن سوچوں میں الجھے رہتے ہیں، کسی کو خبر نہ تھی۔ سب مصروف تھے اور آنے والے وقت سے لا علم۔ چینا وغیرہ آج کل ایک نئی رائٹر کے پیچھے پاگل پھر رہی تھیں۔ ’’ہم جو کہلائے طلوع مہتاب‘‘ بہت دنوں تک سب کے درمیان موضوع گفتگو بنا رہا۔ شام کو فارینہ نے فون کیا تھا۔

’’چینا! تجھے پتا ہے فاخرہ جبیں ساہیوال کی رہنے والی ہیں۔‘‘

’’ہیں سچی۔۔۔؟‘‘

’’اسی لے تو ان کے ہر ناول میں اپنے شہر کا حوالہ ملتا تھا۔

’’یا اللہ! وہ کہاں رہتی ہوں گی۔‘‘

’’سنو! تم دادو سے بات کرنا امتل سے بات کر کے ان کا فون نمبر لے لیں۔‘‘ فارینہ نے فرمائش کی۔

’’دادو کو دے دیں گی۔‘‘

’’زیب کو تو دیں گی نا۔۔۔ پلیز چینا اس بار میرے لےے۔‘‘

’’میں شام کو کارڈ دینے جائوں گی۔ تب بات کروں گی۔‘‘

اس نے فون بند کر دیا اور خوشی خوشی یہ خبر سب کو سنائی تھی۔ شام کو کارڈ دینے گئی تو پراصرار لہجے میں بولی تھی۔

’’بس دادو! اب تو آپ کو ضرور آنا ہوگا۔‘‘

’’ہاں ہاں کیوں نہیں، اب تو آنا پڑے گا۔‘‘ دادو کارڈ کھول کر دیکھنے لگیں۔

’’صرف دادو۔۔۔‘‘ احمر نے گھورا۔

’’آپ بھی آجائےے گا۔‘‘ وہ لاپروائی سے گویا ہوئی۔

’’اس طرح تو ہر گز نہیں آئوں گا۔‘‘

’’افوہ! اب کیا میں آپ کے لےے الگ سے کارڈ لکھتی۔ دادو کے ساتھ آجائےے گا نا۔‘‘

’’تب تک تو شاید زیب بھی یہاں آجائے۔‘‘ احمر نے کچھ سوچتے ہوئے کہا۔

’’رئیلی۔۔۔‘‘ وہ اچھل ہی تو پڑی۔ ’’دادو! زیب کو لے کر ضرور آنا ہے۔ میں انہیں سب سے ملوائوں گی۔‘‘

’’دادو کا تو پتا نہیں مگر میں زیب کو لے کر ضرور آئوں گا۔‘‘ احمر نے کہا۔

’’ان کے لےے تو میں علیحدہ سے کارڈ بھی دے سکتی ہوں۔‘‘

’’نہایت بے مروّت لڑکی ہو۔‘‘ احمر نے مایوسی سے سر ہلایا تو مسکرا کر دادو کی طرف پلٹی۔

’’دادو! اب میں چلتی ہوں، بہت سے کام ہیں۔ اوپر سے دسمبر ٹیسٹ۔۔۔‘‘

وہ یوں گویا ہوئی تھی جیسے سارے کام اسی کے ذمے ہیں۔ اور آتے ہوئے فارینہ کی فرمائش نوٹ کروانا نہیں بھولی تھی۔

ـــــ

ماہ دسمبر کی ابر آلود صبح تھی۔ ہلکی ہلکی دھند کا غبار اونچے اونچے درختوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہا تھا۔ سبز گھاس پر اوس کے موتی جھلملا رہے تھے۔ سردی تھی مگر ہوا بند ہونے کی وجہ سے بہت زیادہ نہیں تھی۔ دونوں ہاتھ آپس میں رگڑتے ہوئے وہ بند فوارے کے پاس آئی۔ پھر اس کی دیوار پر چڑھ کر بیٹھ گئی۔ لڑکیاں ہاتھوں میں ہاتھ لےے ادھر اُدھر گھومتی موسم کی خوب صورتی کو انجوائے کر رہی تھیں۔ ونیزہ اور فارینہ ابھی تک نہیں آئی تھیں اور اس کا پہلا پیریڈ فری تھا۔ اس نے بیگ میں ہاتھ ڈال کر ’’آنکھیں بھیگ جاتی ہیں‘‘ نکال لی۔ وہ عمر کے اس دور میں تھی جب خوب صورت لفظ اور خوب صورت موسم اٹریکٹ کرتے ہیں۔ ڈائریاں لکھ کر ان میں تتلی کے پر اور ادھ کھلی کلیاں رکھنے کو جی چاہتا ہے۔ زندگی خوش رنگ تتلی کی طرح مٹھی میں محسوس ہوتی ہے۔

بہت دیر تک وہ وہیں بیٹھی خوب صورت لفظوں کو اپنے اندر اتارتی رہی تب ہی کسی نے عقب سے آکر اس کے گلے میں بازو ڈال کر گود میں گفٹ پیک رکھ دیا۔

’’ہپی برتھ ڈے ٹو یو۔‘‘

وہ دونوں گھوم کر سامنے آئیں۔ اس کے چہرے کے تاثرات بتاتے تھے وہ ہمیشہ کی طرح اس دن کی اہمیت بھول گئی تھی۔ ونیزہ اور فارینہ کے چہرے پر اس سرپرائز کی کامیابی اور پرجوش اور خوشی مترشح تھی۔ گفٹ خود پیک کیا گیا تھا۔ جس پر ننھی منی کلیوں سے چینا کا نام لکھا ہوا تھا۔

’’آج چھ دسمبر ہے۔‘‘ دونوں ہاتھوںمیں چہرہ تھامے وہ حیرت سے کہہ رہی تھی۔

’’ہم لوگ تو صبح سے آئے ہوئے ہیں بیک سائیڈ پر تمہارا گفٹ پیک کر رہے تھے۔ دیکھو کلیاں چنتے ہوئے کانٹے بھی لگوالےے۔‘‘ فارینہ نے انگلیاں سامنے کیں۔

چینا کی آنکھیں اس محبت پر ہلکی ہلکی نم ہونے لگیں تو ونیزہ نے شور مچادیا۔

’’گفٹ کھولو۔‘‘

’’اتنا خوب صورت پیک ہوا ہے، گھر جا کر کھولوں گی۔‘‘

’’ہر گز نہیں، تمہارے لےے پیک کیا تھا اور تم نے دیکھ لیا ہے۔‘‘

اس نے پہلے تو احتیاط سے کلیوں کو الگ کر کے سنبھالا، پھر ریپر اتارا۔ فارینہ نے پرفیوم اور ونیزہ نے ڈائری گفٹ کی تھی۔ خوب صورت سے درختوں میں گھری رہگذر جس پر کرنوں کی چاندنی بکھری تھی۔ ونیزہ نے یہ کارڈ خود پینٹ کیا تھا۔

چینا نے ڈائری کھولی۔ بہت سے بیل بوٹوں، پھول پتیوں کے درمیان ہپی برتھ ڈے لکھا گیا تھا۔ اگلے صفحے پر کچھ اشعار۔

اگر تلاش کروں تو مل ہی جائے گا

مگر کون تمہاری طرح مجھ کو چاہے گا

تمہیں ضرور کوئی چاہتوں سے دیکھے گا

مگر وہ آنکھیں ہماری کہاں سے لائے گا

تمہارے ساتھ یہ موسم گلابوں جیسا ہے

تمہارے بعد یہ موسم بہت رلائے گا

’’مجھے رونا آرہا ہے۔‘‘ آخری شعر پڑھے ہوئے چینا نے گلوگیر لہجے میں اطلاع دی۔

’’خبردار۔۔۔ خبردار۔۔۔!‘‘ فارینہ نے شور مچایا۔ اور پرفیوم کھول کر اس پر اسپرے کرنے لگی۔

چینا نے اس کے ہاتھ سے پرفیوم جھپٹ لیا۔

’’رونے کی تو تمہیں عادت ہے۔ یاد ہے جب پہلی بار تم اسکول آئی تھیں تو کس طرح رو رہی تھیں۔‘‘ ونیزہ نے کہا۔ وہ تینوں نرسری سے ایک ساتھ تھیں۔

تینوں وہیں بیٹھی بچپن کی شرارتیں یاد کرتی رہیں۔ چینا کے خرچ پر گرما گرم سموسے اور فروٹ چاٹ کھائی اور ٹھنڈی ٹھار بوتلیں ہاتھ میں لےے گرائونڈ کے طول و عرض ناپتی رہیں۔

ـــــ

’’آنٹی! میں چینا کو اپنے ساتھ مارکیٹ لے جائوں۔‘‘ فراز نے پوچھا۔

’’اب آئے ہیں موصوف لائن پر۔۔۔‘‘ سمانہ نے مسکراہٹ چُھپانے کو منہ نیچے کر لیا۔

’’کچھ خریدنا ہے بیٹا۔۔۔!‘‘ انہوں نے محبت سے پوچھا۔ سمانہ کے حوالے سے فراز انہیں خاصے عزیز ہوچکے تھے۔

’’آج برتھ ڈے ہے چینا کا، میں اس کی پسند سے گفٹ خریدنا چاہتا ہوں۔‘‘ انہوں نے سنجیدگی سے کہا۔ چینا جو بڑی خوشی سے اٹھی تھی تائی امی کا جملہ سن کر بیٹھ گئی جو کہہ رہی تھیں۔

’’لو بیٹا! یہ کوئی بچی ہے جو سالگرہ مناتے پھریں۔ پھر یہ تو غیروں کے چونچلے ہوتے ہیں جو۔۔۔‘‘

’’غیروں کی بات نہیں ہے آنٹی! مجھے اسے گفٹ دینا ہے۔ آخر وہ میری۔۔۔‘‘ وہ جھنجلا کر بولے تھے۔ پھر جملہ یوں ادھورا چھوڑا جیسے چینا کے ساتھ اپنا رشتہ سمجھ میں نہ آرہا ہو۔ وہ ہنسنے لگی تھی۔ وہ واقعی یہی سمجھتی تھی کہ فراز کو سمانہ کے حوالے سے چینا کے ساتھ اپنا رشتہ سمجھ میں نہیںآیا۔

’’اچھا بابا! لے جائو۔۔۔‘‘ تائی امی نے اجازت دی تو وہ خوشی خوشی تیار ہونے لگی۔

’’کون سا گفٹ لو گی؟‘‘ سوڑی گلی کے سامنے بائیک روک کر انہوں نے پوچھا۔

’’مجھے کیا معلوم؟‘‘

’’جو۔۔۔ جو دل چاہتا ہے، خرید لو۔۔۔‘‘ انہوں نے فراخ دلی سے کہا۔

’’جی نہیں جو آپ کا دل چاہتا ہے، لے دیں۔‘‘

’’کتاب کون سی لو گی؟‘‘

’’رحمن بک ڈپو کے اندر جاتے ہوئے انہوں نے پوچھا۔ شیشے کے اس پار قطار در قطار لگی کتابوں میں سے انتخاب مشکل ہوگیا۔ اس نے ’’خوشبو‘‘ اور ’’شام کے بعد‘‘ اٹھالیں۔ کافی عرصے سے خواہش تھی انہیں پڑھنے کی۔

’’سنی آڈیو سینٹر‘‘ سے رحیم شاہ اور فاخر کے کیسٹ دلانے کے بعد ’’تن زیب‘‘ سے اپنی پسند کا پیچ اور بلیک کنٹراسٹ کا سوٹ پیک کروالیا۔ دو ہزار کا تو سوٹ تھا۔ وہ نہ ۔۔۔ نہ کرتی رہ گئی۔

’’اب اور کچھ نہیں لوں گی۔‘‘

تائی امی سے ڈانٹ پکی تھی۔ آتے ہوئے انہوں نے سرگوشی بھی کی تھی کہ زیادہ مہنگا گفٹ نہیں لینا۔ اور یہاں اتنا مہنگا سوٹ خرید لیا۔ وہ تو چھوٹی چھوٹی چیزوں پر خوش ہوجانے والی لڑکی تھی۔ وہ اسے لے کر جیولری کی طرف پلٹ گئے۔

’’یہاں سے کیا لینا ہے؟‘‘

وہ ٹھٹک کر صفدر جیولرز کے سامنے رک گئی۔

’’کسی کے لےے کچھ لینا ہے، آجائو۔‘‘ وہ اندر داخل ہوگئے۔

’’کسی کے لےے؟‘‘ چینا نے دہرایا۔ پھر شرارت سے مسکرادی۔

نت نئے ڈیزائن کے جگر جگر کرتے زیورات کا سنہری پن ہر چیز پر حاوی تھا۔ فراز بہت کچھ نکلوا کر دیکھتے رہے۔ چوڑیاں، کڑے،پازیب، لاکٹ، بریسلیٹ۔۔۔

’’پسند کرو۔‘‘

’’کتنے پیسے ہیں آپ کے پاس۔۔۔؟‘‘ متذبذب سی سرگوشی، مگر پوچھنا ضروری تھا، پھر ہی کچھ پسند کرتی۔

’’بہت ہیں، تم بس پسند کرو۔‘‘

چینا کی نظریں نازک سے پازیب پر رک گئیں۔ سمانہ نے ایک بار بینا سے کہا تھا اسے گولڈ کی پازیب پہننے کا بہت شوق ہے۔ فراز نے کوٹ کی اندرونی جیب سے والٹ نکالا جو نیلے، سرخ نوٹوں سے بھرا تھا۔ پازیب کا کیس انہوں نے کوٹ کی اندرونی جیب میں ہی ڈالا تھا۔ اس کے بعد ان کی بائیک فائیو ویز کے سامنے رکی تھی۔

’’آج تو کوئی اعتراض نہیں؟‘‘

’’آج تو پوچھ کر آئے ہیں۔‘‘ وہ ہنس دی۔

’’تم بیٹھ کر مینو دیکھو، میں ایک فون کر آئوں۔‘‘ فراز کہہ کر چلے گئے وہ مینو دیکھنے لگی۔ نہ جانے کیا الا بلا لکھاتھا۔ فراز کے آنے پر اس نے اپنے لےے چکن برگر اور فراز نے سوپ منگوالیا تھا۔

’’آج بہت مزا آیا۔‘‘ وہ یہ جملہ کئی بار کہہ چکی تھی۔ فراز مسکراتے ہوئے سوپ پیتے رہے۔ کچھ دیر کے بعد جب وہ کافی پیتے ہوئے انہیں اپنی پچھلی سالگرائوں کے واقعات سنا رہی تھی تو ویٹر نے ادھ کھلے سرخ گلابوں کا بوکے لاکر فراز کو تھما دیا۔

’’ہیپی برتھ ڈے۔۔۔‘‘ فراز نے بوکے اس کی طرف بڑھایا۔

’’اوہ گاڈ۔۔۔‘‘ دونوںہتھیلیاں گالوں پر رکھ کر حیرت کا بے ساختہ اظہار کرتے ہوئے وہ شرم سے سرخ ہوگئی۔ فراز اس کی اٹھتی گرتی پلکوں میں الجھ کر رہ گئے۔

وہ بہت مصروف سی واپس لوٹی تھی۔ شاپنگ تائی امی کے سامنے ڈھیر کر کے وہ بینا کو چھیڑنے لگی۔

’’مانہ کے تو عیش ہوگئے، آپ جائےے گا چک ٤٤ میں، کبھی بھولے سے بھی کسی کو گفٹ دیا ہو، کنجوس لوگ۔‘‘

’’ہر چمکتی چیز سونا نہیں ہوتی۔‘‘ بینا نے کان سے مکھی اڑائی۔ وہ چیچا وطنی کے چک ٤٤ میں بھی خوش تھی۔

چینا سمانہ کے کان پر جھک گئی۔

ـــــ

ٹی وی، اسکرین پر نظریں جمائے وہ کب سے ایک ہی زاوےے سے بیٹھے تھے۔ اپنے اردگرد ہونے والی افراتفری سے یکسر لاتعلق۔ سمانہ نے ان کے سامنے چائے کی پیالی رکھی اور جلدی جلدی کچن کا بکھیڑا وہ سمیٹنے لگی۔ بینا آج خریدے جانے والے سامان کی لسٹ بنا رہی تھی۔ اور باآواز بلند سمانہ کے ساتھ ڈسکس بھی کر رہی تھی۔ تائی امی جلدی جلدی گیلے بالوں میں کنگھی کر رہی تھیں۔

’’گھر کا خیال رکھنا فراز بیٹا! چینا آئے تو اس سے کہنا پہلے کھانا کھالے۔ ہمیں تو کچھ دیر ہوجائے گی۔‘‘

فراز نے یونہی اثبات میں سر ہلادیا۔ شادی کے دن جوں جوں نزدیک آرہے تھے۔ بازار کے تقریباً روز ہی چکّر لگتے۔ چند لمحوں کے بعد ساری آوازیں معدوم ہوگئیں۔ خالی گھر پر سنّاٹے کا راج ہوگیا۔ ان کے ذہن میں نت نئے خیالات اودھم مچارہے تھے۔ پھر ان کا ہاتھ دھیرے سے کوٹ کے اندر رینگ گیا۔ ان کی انگلیاں مخملیں کیس کی نرمی کو محسوس کر رہی تھیں۔

تب ہی بیرونی دروازہ کھلا اور چینا کی آواز آئی۔ ان کے اعصاب تن سے گئے۔

’’ارے بھئی! کہاں چلے گئے ہیں سب۔۔۔‘‘ اس نے اندر آکر بیگ صوفے پر رکھا۔ فائل بھی رکھی، جوتے اتارے، پھر خود ہی جواب دیا۔ ’’یقینا بازار گئے ہوں گے۔ کتنی بار کہتی ہوں میرا بھی انتظار کرلیا کریں، مگر مجھے تو بچہ ہی سمجھتے ہیں۔‘‘

وہ بولتی ہوئی واپس پلٹ گئی۔ حسبِ عادت ہاتھ منہ اور پائوں دھونے کے بعد اپنے لےے کھانا نکالا اور وہیں آگئی۔ کوئی ڈرامہ دوبارہ ٹیلی کاسٹ ہورہا تھا۔ کھانا کھانے کے ساتھ تبصرہ بھی ہونے لگا۔ فراز کی انگلیاں مخملیں کیس پر رینگتی رہیں۔

’’آج کالج میں بہت بور ہوئے۔‘‘ وہ کالج کی چھوٹی چھوٹی باتیں سناتی رہی۔ پھر فراز کی بے توجہی محسوس کر کے ذرا سا جھک کر ان کا چہرہ کھوجتے ہوئے پوچھنے لگی۔

’’آپ ٹی وی دیکھ رہے ہیں۔ مجھے سن رہے ہیں یا کچھ سوچ رہے ہیں؟‘‘ فراز مسکرادےے۔

’’چائے پلوائو گی؟‘‘

’’ابھی بناتی ہوں میرا بھی موڈ ہورہا ہے۔‘‘

وہ خالی برتن اٹھا کر چلی گئی۔ فراز کے چہرے پر ایک بار پھر گہری سنجیدگی بکھر گئی تھی۔ کچن سے کھٹ پٹ کی آوازیں آنے لگی تھیں۔

’’لیں گرما گرم چائے۔ مگر آپ نے کھانا تو کھالیا تھا نا۔‘‘ اس نے سامنے کپ رکھتے ہوئے پوچھا۔

’’ہوں۔۔۔‘‘ انہوں نے کپ اٹھالیا۔ چینا اپنا کپ لے کر صوفے پر آبیٹھی۔ دونوں پائوں پھر اوپر رکھ لےے۔

وہ کچھ لمحے اِدھر اُدھر کی باتیںکرتی رہی۔ پھر پوچھنے لگی۔

’’فراز بھائی! آپ اتنے سنجیدہ کیوں رہتے ہیں؟‘‘

فراز کی نظر بھٹک کر اس کے پیروں پر جا پڑی۔ صوفے میں دھنسے سپید کبوتر، گلابی ایڑیاں، صاف ستھرے ترشے ہوئے ناخن، نرم و نازک جلد، ایڑی کے پاس سیاہ تل میں کھو کر وہ جواب دینا بھول گئے۔

چینا نے کچھ لمحے جواب کا انتظار کیا۔ پھر اپنی بات کرنے لگی۔

فراز کی انگلیوں کی پوروں میں عجیب سی بے چینی آن بسی۔ انہوں نے اضطراری انداز میں انگلیوں کو کھولااور بند کیا۔ ان کی نظریں وقفے وقفے سے وہیں بھٹک رہی تھیں۔ پھر اسی کیفیت میں ان کا ہاتھ آگے بڑھا۔۔۔

چینا نے گویا کرنٹ کھا کر پائوں کھینچا تھا۔ تحیّر سے انہیں دیکھا۔ پھر سر پر ہاتھ مار کر بولی۔

’’توبہ ہے ڈرادیا۔۔۔ کیا تھا۔۔۔؟‘‘ وہ پائوں جھٹک کر دیکھنے لگی وہ سمجھی فراز نے کوئی کیڑ اوغیرہ رینگتا دیکھ لیا ہے۔

’’کچھ نہیں۔۔۔‘‘ انہوں نے ایک طویل سانس کھینچ کر کپ ٹیبل پر رکھا اور جیب میں ہاتھ ڈال کر کیس نکال لیا۔ ایک پل لگا تھا اور انہیں لگا فیصلہ ہوگیا ہے۔ الجھی ہوئی ڈور کا سرا ہاتھ آگیا۔

’’ارے یہ ابھی تک آپ ساتھ لےے پھر رہے ہیں۔‘‘

وہ کیس کھول کر پازیب نکال رہے تھے۔ ایک پازیب ہاتھ میں لے کر انہوں نے کیس بند کر کے سائیڈ پر رکھا۔

’’یہ ابھی تک آپ۔۔۔‘‘ اگلے لمحے الفاظ زبان کا ساتھ چھوڑ گئے۔ فراز نے ہاتھ بڑھا کر اس کا پائوں تھام لیا تھا اور دوسرے ہاتھ سے پازیب پہنانے لگے۔

چینا نے جھٹکے سے پائوں کھینچا۔

’’یہ۔۔۔ یہ کیا کر رہے ہیں فراز بھائی۔۔۔ یہ۔۔۔ یہ تو مانہ کے لےے خریدی تھی۔‘‘

’’میں نے تمہارے لےے لی تھی۔‘‘ ٹھنڈے لہجے میں کہہ کر انہوں نے ہاتھ بڑھایا۔ وہ تیزی سے کھڑی ہوگئی۔

’’نہیں فراز بھائی! میں یہ نہیں لے سکتی۔‘‘

اس نے جانا چاہا۔ فراز نے اس کی کلائی کھینچ کر دوبارہ صوفے پر دھکیل دیا۔

’’میری بات سنو۔۔۔‘‘

ان کا لہجہ اتنا سرد اور سخت تھا کہ وہ اپنی جگہ سے ہل بھی نہ سکی۔ بس پھٹی پھٹی نظروں سے انہیں دیکھنے لگی۔ فراز نے اک طویل سانس لے کر پازیب ٹیبل پر رکھ دی۔ اور اس کی طرف پلٹے۔

’’پلیز ریلیکس مجھے تم سے کچھ کہنا ہے چینا۔‘‘

ان کا مدھم لہجہ بھی چینا کے چہرے پر چھائی وحشت کو دور نہ کر سکا۔

’’میں نے بہت جلدی کی فیصلہ کرنے میں، سمانہ اور میں ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔‘‘

فراز کی بھاری آواز نے اس کے سرپر بم پھوڑا تھا۔ اس کے اندر سویا خوف سانپ کی طرح پھن پھیلائے کر پھنکارنے لگا۔ سامنے بیٹے شخص کا چہرہ غائب ہوگیا۔ بس کچھ لفظ تھے جو کوڑے کی طرح برس رہے تھے۔

’’تم میں زندگی ہے۔۔۔ زندگی کو محسوس کرنے کا جذبہ ہے۔ میں۔۔۔ میں تم سے محبت کرنے لگا ہوں۔۔۔ چینا۔۔۔ عمروں کا فرق کوئی معنی نہیں رکھتا۔ اگر جذبے ایک ہوں۔۔۔ میں اور تم۔۔۔‘‘

چینا کے منہ سے چیخ نکل گئی۔ فراز کو دھکیل کر وہ سر پٹ بھاگی اور اپنے کمرے میں گھس گئی۔ فراز کھڑے ہوئے مگر چٹخنی لگنے کی آواز پر دونوں ہاتھوں میں سر تھام کر رہ گئے۔ چینا کے ردِّ عمل بلکہ اتنے شدید ردِّ عمل کے لےے وہ تیار نہ تھے۔

نہ جانے کتنا وقت گزرا تھا۔ ریحان کی آواز پر چونک کر سراٹھایا۔ وہ دروازے میں کھڑے پوچھ رہے تھے۔

’’سب لوگ مارکیٹ گئے ہیں؟‘‘

فراز نے اثبات میں سر ہلا دیا۔

’’اور چینا۔۔۔؟‘‘

’’معلوم نہیں۔۔۔‘‘ وہ نظریں چُرا کر روکھے سے لہجے میں بولے تھے۔

ریحان واپس پلٹ گئے۔ کچن بھی خالی تھا اور اس کے کمرے کا دروازہ بند۔

انہوں نے کچھ حیران ہو کر دستک دی۔

’’چینا! اندر کیوں بیٹھی ہو بھئی، باہر نکلو۔‘ جواب ندارد تھا۔

’’چینا گڑیا! ریحان بھائی کو ایک کپ چائے بھی نہ بنا کر دو گی۔‘‘

ان کے پُرشفقت لہجے کا حوصلہ پاکر چینا نے دروازہ کھولا تھا۔

ریحان ٹھٹک گیا۔

’’چینا! کیا ہوا؟‘‘

وہ سر جھکا کر دوبارہ امڈ آنے والے آنسوئوں پر بند باندھتی رہی ۔ پھردونوں ہاتھوں میں چہرہ چھپالیا۔

’’تم روئی ہو؟‘‘

اور وہ یونہی آگے کو جھک گئی۔ ان کے کندھے پر سر رکھ کر روئی تو پھر روتی چلی گئی۔ ریحان پوچھ پوچھ کر تھک گئے۔ بہت دیر کے بعد اُس نے سر اٹھایا۔

’’میں ڈر گئی تھی۔‘‘

’’کس سے۔۔۔؟‘‘ انہوں نے الجھ کر پوچھا۔

’’کسی سے نہیں۔ بس یونہی۔۔۔‘‘ وہ گویا پھر سے ڈر گئی۔ ’’اکیلی تھی نا!‘‘

’’’مگر فراز تو گھر پر ہی تھا۔‘‘

چینا نے جواب نہیں دیا۔ بس آنسو پونچھتی رہی۔

’’اچھا ٹھیک ہے، اب گھبرانے کی ضرورت نہیں میں گھر پر ہی ہوں۔‘‘ انہوں نے آہستگی سے سر تھپتھپایا اک سرسری نگاہ اس کے وجود پر ڈالی پھر نظر چرا کر پلٹ گئے۔ لائونج خالی تھا۔ ان کی متلاشی نگاہیں نہ جانے کس چیز کو ڈھونڈ رہی تھیں۔ چینا کا بیگ، فائل جوتے چائے کے دوکپ، پھر ان کی نگاہ کی گرفت میں وہ چیز بھی آگئی۔ چینا کا دوپٹہ صوفے پر پڑا تھا۔

اشتعال کی اک تیز لہر ان کے اندر سے ابھری تھی۔

ـــــ

’’یہ کوئی وقت تھا بیمار ہونے کا۔ اتنے ڈھیروں کام، چند دنوں میں مہمان آنا شروع ہوجائیں گے۔ اب تمہاری تیمار داری کروں یا باقی کام دیکھوں۔‘‘

تائی امی کا پیار کرنے کا بھی اپنا ہی انداز تھا۔

چینا نے کروٹ بدلی۔ ان کی گود میں منہ چھپا کر بازو کمر کے گرد کس لیا۔ گویا اٹھنے کا ارادہ بھی تھا تو اب نہیں اٹھ سکتی تھیں۔

’’اس دن صبح صبح سر دھولیا۔ گویا شیمپو کےے بنا تجھے کالج میں گھسنے نہیں دیں گے۔ لگوالی نا ٹھنڈ۔ اب کڑوے کسیلے سیرپ پینے پڑیں گے تو شور مچائے گی۔‘‘

مگر اس نے سارے کڑوے کسیلے سیرپ آرام سے پی لےے۔

’’اس بار چینا کا بخار عجیب سا نہیں ہے۔‘‘ بنا اس کے خاموش رہنے پر چھیڑتی۔ فراز طبیعت پوچھنے کمرے میں آئے تھے اس نے تائی امی کی گود میں منہ چھپالیا۔ وہ چینا کو سوتا سمجھ کر سرگوشیوں میں بات کرتی رہیں۔

’’تب ہی سمانہ نے آکر بتایا۔‘‘ اوکاڑہ سے چھوٹی خالہ کا فون ہے۔‘‘

تائی امی اتنی تیزی سے اٹھیں کہ چینا کے ہاتھ میں محض دوپٹہ رہ گیا جسے اس نے سختی سے تھام لیا۔

’’کیا بچوں جیسی حرکتیں ہیں چینا! اب فون سننے دے۔‘‘

انہوں نے دوپٹہ کھینچا اور باہر نکل گئیں۔ وہ خوف سے سُن ہوگئی۔ کمبل کے اندر چھپ کر دونوں ہاتھوں میں اس کے سرے دبوچ لےے۔

’’چینا۔۔۔‘‘ فراز کا لہجہ مدھم اور محبت بھرا تھا۔ وہ کانپ گئی۔

’’چینا! میری بات سنو۔‘‘ انہوں نے کمبل ہلایا تھا۔ اس نے کچھ اور سختی سے پکڑلیا۔

’’میں تمہیں خوف زدہ کرنا نہیں چاہتا ہوں۔ اور نہ میں نے یہ بات مذاق میں کہی ہے۔ آئی رئیلی لو یو۔۔۔ اور ابھی بھی دیر تو نہیں ہوئی۔ میں بات کروں گا سب سے، سمانہ میرے ساتھ سوٹ نہیں کرتی۔ میں تم سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔ پلیز چینا! تم کوئی رسپانس تو دو۔‘‘

وہ پتا نہیں کیا کیا کہہ رہے تھے۔ تائی امی کچھ کہتی ہوئی آرہی تھیں۔ فراز کھڑے ہوگئے۔

’’میںجس رستے پر قدم رکھ چکا ہوں۔ وہاں سے واپس نہیں جائوںگا۔ اور تمہیں میرا ساتھ دینا ہوگا۔‘‘

’’زبیدہ کا فون تھا۔ مہندی اور مایوں کے فنکشن کے بارے میں پوچھ رہی تھی۔‘‘ انہوں نے کمبل کو ہاتھ لگایا تو اس کی گرفت خود بخود کمزور پڑ گئی۔

’’ارے۔۔۔!‘‘ انہوں نے پسینہ پسینہ چہرہ دیکھا تو پیشانی پر ہاتھ رکھا۔ ’’مجھے لگتا ہے دوا اثر کر رہی ہے۔‘‘

اس نے آنکھیں سختی سے میچ لیں۔ گرم گرم آنسو پلکوں کی باڑ سے نکل کر کنپٹی پر بہنے لگے۔ تائی امی نے جھک کر پیشانی چوم لی۔

’’فکر کیوں کرتی ہے میری بچی۔ دیکھنا کتنی جلدی آرام آئے گا۔‘‘

ـــــ

وہ سیڑھیوںپر بیٹھی خاموش نگاہوں سے سب کو مصروف دیکھ رہی تھی۔ اتوار کا دن تھا سب ہی گھر پر موجود تھے۔ فراز کو اس سے مزید بات کرنے کا موقع ہی نہیں ملا۔ وہ زیادہ تر مانہ یا تائی امی کے ساتھ لگی رہتی۔

’’ذرا سے بخار سے کیسی کملا گئی ہے بچی۔‘‘

تائی امی نے کہا۔ شیو بناتے ریحان نے مڑ کر اسے دیکھا۔ اور دوبارہ سے مصروف ہوگئے۔ کل ڈی سی کا دورہ تھا۔ وہ رات دو بجے واپس آئے تھے اسی لےے صبح دیر سے اٹھے تھے۔

سمانہ اس کے پاس آبیٹھی۔

’’اتنی خاموش کیوں ہوگئی ہو چینا۔‘‘ اس نے پیار سے اس کے بال سنوارے۔

چینا کا دل بھر آیا۔ جی چاہا اس کے ساتھ لپٹ کر روتے روتے سب کچھ بتادے۔ مگر پھر ڈر گئی۔

’’ہمیں آج بازار جانا ہے۔ اکیلی گھبرائو گی تو نہیں۔‘‘

چینا نے دہل کر سمانہ کی طرف دیکھا اور اس کا ہاتھ دبوچ کر بولی۔

’’میں آپ کے ساتھ جائوں گی۔‘‘

’’پتا ہے، وہاں کتنی خواری ہوتی ہے۔ ساری مارکیٹ گُھماتی ہے بینا۔۔۔‘‘ سمانہ ہنس دی ’’تم تھک جائو گی۔ گھر رہ کر آرام کرنا۔‘‘

ریحان کی نظریں واش روم کے آئینے میں سے اسے دیکھ رہی تھیں۔ وہ ساتھ جانے پر بضد تھی۔ سمانہ سمجھا رہی تھی۔

’’مجھے اکیلے ڈر لگے گا نا۔۔۔‘‘

’’کس سے ڈر لگے گا فراز ہوں گے گھر پر۔ ان کے ساتھ لڈو کھیلنا۔ ٹی وی دیکھ لینا۔‘‘ وہ ایک دم چپ ہوئی۔ مگر ساتھ جانے کی ضد نہیں چھوڑی۔ سمانہ چڑ گئی۔ نہ جانے اتنی ضد کیوں کر رہی تھی۔ وہاں جا کر بھی تنگ کرتی کہ گھر چلیں۔ جب کہ آج بینا کا عروسی جوڑا خریدنا تھا۔ جس کے لےے ظاہر ہے ساری مارکیٹ گھماتی۔

’’کیا بات ہے بھئی، کس لےے ضد کر رہی ہے ہماری چینا گڑیا۔‘‘

ریحان پلٹ کر اس کے قریب آئے اور اس کے بال بکھیرتے ہوئے پوچھنے لگے۔ فراز باہر سے آرہے تھے۔ چینا نے چہرہ جھکالیا۔ فراز اسے دیکھتے ہوئے اندر چلے گئے۔

’’اکیلے رہنے سے گھبرا رہی ہے۔‘‘

’’گھبراہٹ کس بات کی۔ میں ہوں نا آج گھر پر۔‘‘

چینا نے آہستگی سے چہرہ اٹھا کر انہیں دیکھا۔

’’آپ کو کہیں جانا تو نہیں۔‘‘

’’بالکل نہیں۔‘‘

’’ٹھیک ہے سمانہ آپی! آپ چلی جائیں۔‘‘

ان کے جانے کے بعد ریحان اسے گائوں میں ہونے والی تیاریاں کے بارے میں بتاتے رہے۔ وہ کبھی اتنا نہیں بولتے تھے۔ مگر آج بول رہے تھے۔ چینا کا پورا کا پورا دھیان عقب والے کمرے کی طرف تھا جہاں فراز موجود تھے۔ کتنا اتراتے ہوئے اس نے فارینہ اور ونیزہ کو اس دن کی روداد سنائی تھی۔ اپنے گفٹس دکھائے تھے۔ ان ادھ کھلے گلابوں کو سنبھال کر پانی میں رکھا تھا۔ سمانہ کی قسمت پر رشک کیا تھا۔ مگر سب ختم ہوگیا۔

لوگ یوں بھی کر سکتے ہیں؟

اس طرح بھی سوچ سکتے ہیں؟

پاکیزہ رشتوں کو یوں بھی پامال کیا جاسکتا ہے؟

سمانہ کے حوالے سے کتنے اونچے سنگھاسن پر بٹھایا تھا فراز کو۔

تب ہی ریحان نے اپنا جملہ ادھورا چھوڑ کر آہستگی سے پوچھا۔

’’چینا! فراز سے کیوں گھبراتی ہو؟‘‘

چینا نے سہم کر انہیں دیکھا۔ چہرہ ایک دم پیلا پھٹک ہوگیا۔

’’ن۔۔۔ نہیں تو۔۔۔‘‘ اس کی آنکھوں میں اتنا خوف تھا کہ ریحان کو بات بدلنا پڑی۔

’’چلو! تمہیں دادو کی طرف چھوڑ آئوں، طبیعت بہل جائے گی۔‘‘ وہ بھی فوراًکھڑی ہوگئی۔

’’کپڑے نہیں بدلو گی؟‘‘

’’نہیں ٹھیک ہیں۔‘‘

دونوں باہر نکل آئے۔ ریحان متذبذب تھے۔ اس سے پوچھنا چاہتے تھے، انہوں نے گردن گھما کر دیکھا۔ وہ خاموشی سے سر اٹھائے چل رہی تھی۔

’’زندگی میں اگر کوئی پرابلم ہو تو اسے اپنوں کے ساتھ شیئر کرلیتے ہیں۔ دل میں رکھنے یا چُھپانے سے الجھنیں صرف بڑھتی ہیں۔‘‘

’’میں کب کچھ چھپارہی ہوں۔‘‘ وہ ان کی بات کے جواب میں گڑبڑا گئی۔

’’میں نے یہ کب کہا، بس یونہی ایک عام سی بات کی تھی کہ ہمیں ایک دوسرے پر اعتبار کرنا چاہےے اور میں تو تمہارا بھائی ہوں نا بیٹا!‘‘ باپ جیسی شفقت لہجے میں سموئے وہ اسے اعتبار ہی تو دینا چاہتے تھے کہ وہ کچھ تو کہنے پر آمادہ ہو۔

’’اور۔۔۔اور۔۔۔ لوگ آپ ہی کو غلط سمجھ لیں تو۔۔۔‘‘ متذبذب سی چینا ایک ہی جملے میں اپنا خوف بیان کر گئی تھی۔ وہ اس کے ایک ہی جملے سے بہت کچھ اخذ کر گئے تھے۔

’’اگر آپ غلط نہیں ہو تو کوئی کیسے آپ کو غلط سمجھ سکتا ہے۔ اور سچائی تو اپنا آپ منوا ہی لیتی ہے۔‘‘

نرم حوصلہ بڑھاتا لہجہ۔ مگر کہنے کی ہمت اب بھی نہیں تھی۔ وہ خاموش ہی رہی۔ دادو اور احمر اسے دیکھ کر حیران ہی رہ گئے۔

’’اتنی کمزور کیوں ہورہی ہو؟‘‘ دادو نے اسے ساتھ لگا کر پیار کیا۔

بیمار ہوگئی تھی۔‘‘

’’میں بھی تو محسن بھائی کے گھر چلی گئی تھی۔ ورنہ فون کر کے ہی پتا کرلیتی۔ آج سوچ رہی تھی کہ کروں گی۔‘‘ دادو نے کہا وہ خاموش ہی رہی۔

’’یہ بخار کیا تمہاری زبان بھی لے گیا۔‘‘ احمر نے اس کے سرپر چپت لگائی تھی۔ وہ مضمحل سا مسکرائی تھی۔ پھر سارا دن اس نے وہیں گزاراتھا۔ دادو نے اپنے ہاتھوں سے اس کے لےے بہت کچھ بنایا تھا۔ دل بھی نہیں چاہتا تھا مگر دادو کی وجہ سے کچھ نہ کچھ کھانا پڑا۔  شام کوجب بینا نے فون کیا۔ وہ تب ہی واپس آئی تھی۔سب بڑے کمرے میں جمع تھے۔ سامنے جگر جگر کرتے زیورات اور خوب صورت لہنگے پھیلے تھے۔

’’دیکھو چینا! یہ بینا کا لہنگا ہے۔‘‘ تائی امی نے پکارا تو وہ ان کے پاس آبیٹھی۔ ’’اور یہ سمانہ کا۔‘‘

’’سمانہ کا۔۔۔‘‘ اس نے تحیر سے سمانہ کو دیکھا۔

’’ہاں تو کیا سادہ کپڑوں میں نکاح ہوگا۔ یہ سیٹ بھی خریدا ہے۔‘‘ انہوں نے زیور کا ڈبّا کھول کر سامنے کیا۔ وہ کبھی سمانہ کو دیکھتی تھی تو کبھی زیورات کو۔ بینا نے ہاتھ بڑھا کر ٹیکا اٹھالیا اور سمانہ کے ماتھے پر رکھ کر بولی۔

’’دیکھو کتنا پیارا لگ رہا ہے۔‘‘

اس کی نظریں ٹیکے سے الجھنے لگیں۔ پھر عقب میں کھڑے فراز پر نگاہ پڑی اور وہ کچھ عجیب سی نظروں سے اسے دیکھ رہے تھے۔ گھبراہٹ میں اس کے ہاتھ سے ڈبّا چُھوٹ گیا۔

’’ارے دھیان سے۔‘‘

تائی امی نے کہا۔ بینا نے شور مچادیا کہ اب فراز سے سمانہ کا پردہ ہونا چاہےے۔ سمانہ نے کچھ چیزیں اس کے ہاتھ میں تھمادیں کچھ خود اٹھالیں۔ وہ چیزیں اٹھا کر کھڑی ہوگئی۔ فراز بینا کو جواب دینے کے بہانے ذرا سا آگے کھسک آئے۔

’’اب بھی اگر تم چاہو تو۔۔۔‘‘

تیر کی طرح سرگوشی لگی۔ وہ گھبرا کر سمانہ کے پیچھے بھاگی تھی۔ سمانہ نے سارا سامان بیڈ پر ڈھیر کر دیا تھا اب ایک ایک چیز الگ سے سنبھال رہی تھی۔ چینا بے دم سی ہو کر بیڈ پر بیٹھ گئی۔

’’کیا ہوا چینا! تمہیں ساری چیزیں اچھی نہیں لگیں۔ مجھے تو معلوم ہی نہیں تھا کہ امی آج یہ سب خریدیں گی۔ ورنہ تمہیں ساتھ ضرور لے کر جاتی۔‘‘ سمانہ سمجھی وہ خفا ہوگئی ہے۔

’’مانہ! تم ان سے شادی مت کرو۔‘‘ وہ اچانک بولی۔

’’کیوں بھئی۔۔۔‘‘ سمانہ ہنس دی۔

’’وہ۔۔۔‘‘ اس نے تھوک نگلا۔ ’’وہ اچھے آدمی نہیں ہیں۔‘‘

’’کیوں۔۔۔؟‘‘ اب کے سمانہ نے قدرے حیرت سے اسے دیکھا۔ ’’کیا ہوا؟‘‘

’’وہ تمہیں مجھ سے دور لے جائیں گے۔‘‘ کچھ نہیں سوجھا تو وہ رو دی۔ ’’میں بہت اکیلی رہ جائوں گی مانہ۔‘‘

سمانہ نے پاس آکر اسے ساتھ لگالیا۔

’’شادی کسی نہ کسی کے ساتھ تو ہونا ہی تھی چینا! اور فراز تو بہت اچھے ہیں۔ تمہارا کتنا خیال رکھتے ہیں۔ ہم دونوں وہاں جا کر تمہارے لےے کوئی اچھا سا رشتہ ڈھونڈیں گے تاکہ تمہیں بھی اپنے پاس بلواسکیں۔‘‘

سمانہ اس کا مسئلہ نہیں سمجھ سکتی تھی، اسے کچھ اور شدت سے رونا آگیا۔

ـــــ

امریکہ سے خالہ اور خالو آگئے تھے۔ گریس فل سے انکل کمال، اپنی عمر سے کہیں ینگ لگتی خالہ، تائی امی نے دانتوں تلے انگلی دبالی۔ یہ وہی تھی گیارہ چک کی چھوٹی نہر میں بھینسوں کو پانی پلانے والی۔ اب ساڑھی باندھے، ڈائمنڈ پہنے، بال سیٹ کروائے۔ ایک جملے میں کئی لفظ انگریزی کے۔

’’اللہ کی شان ہے۔‘‘ وہ بس یہی کہہ پائی تھیں۔

’’میری بہن کی نشانیاں۔‘‘ ان دونوں کو اپنے ساتھ لپٹا کر بہت دیر تک پیار کرتی رہیں۔ سمانہ پر ان کی خصوصی توجہ تھی۔ چینا ان سے قصداً دور دور رہی تھی۔ ہفتے کو بینا کو مایوں بٹھانا تھا۔ اور اسی دن سے مہمان آنا شروع ہوجاتے۔ خالہ اپنی تیاریوں میں لگ گئی تھیں۔ اگر چہ صرف نکاح ہونا تھا مگر ان کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ چینا جلے پائوں کی بلی کی طرح پھرتی۔ اس کی سمجھ میں نہیں آتا کس کو بتائے۔ چپ چاپ سمانہ کی شادی ایسے شخص سے ہوجانے دے جو اس کے ساتھ باوفا ہی نہیں تھا۔ لیکن اگر کسی کو معلوم ہوجائے کہ وہ کیا چاہتا ہے تو۔۔۔ اس سے آگے وہ خوف زدہ ہوجاتی ساری ہمت دم توڑ دیتی۔ فراز کی نگاہوں سے اسے خوف آتا جو ہمہ وقت اس کا طواف کرتیں۔ وہ اس سے بچتی پھرتی۔ مگر دونوں نہیں جانتے تھے کسی اور کی نگاہیں ان دونوں کا طواف کرتی تھیں۔

وہ کچن میں برتن رکھنے آئی تھی۔ جب فراز اس کے پیچھے چلے آئے۔

’’تم دیرکردو گی چینا۔‘‘ اس کے ہاتھ سے برتن چُھوٹ گئے۔

’’آ۔۔۔ آپ چلے جائیں یہاں سے۔‘‘

’’تم دیر کر دو گی تو بہت کچھ غلط ہوجائے گا، تم کچھ تو کہو۔۔۔‘‘ وہ بے حد جھنجلائے ہوئے تھے۔

’’مجھے کچھ نہیں کہنا، مجھے جانے دیں۔‘‘

وہ راستہ روکے کھڑے تھے۔

’’ٹھیک ہے، اب جو کچھ ہوگا اس کی ذمہ دار تم ہوگی۔ میں کرلوں گا سمانہ سے شادی مگر یاد رکھو میں کبھی اسے خوش نہیں رکھ سکوں گا۔ پھر تم مجھے کوئی الزام نہیں دے سکو گی، نہ مجھے خود سے محبت کرنے سے روک سکتی ہو۔ میں تم سے محبت کرتا ہوں چینا اور کرتا رہوں گا یہ میری۔۔۔‘‘

کسی نے فراز کو کالر سے پکڑ کر گھسیٹا اور دوسرے پل ریحان کا مکّا فراز کے چہرے پر پڑا تھا۔ اس سے قبل کہ جواباً وہ کچھ کرتے وہ اسے گھسیٹ کر باہر لے گئے۔ چینا کو لگا وہ بے ہوش ہو کر گرجائے گی نہ جانے کون سی ہمت تھی جس نے اسے بھاگ کر کمرے میں گھسنے پر مجبور کیا تھا۔ باہر شور تھا آوازیں اور ہنگامہ، سب اونچا اونچا کچھ بولنے لگے تھے۔ وہ اندر تھر تھر کانپتی رہی۔ آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے مگر اسے خبر نہیں تھی۔ وہ رو رہی ہے۔ اسے لگتا تھا ابھی کوئی آجائے گا اور اس پر الزام رکھ دے گا۔ دھیرے دھیرے شور میں کمی ہوئی۔ ہنگامہ ماند پڑنے لگا۔ آوازیں معدوم ہوگئیں۔ نہ جانے کتنا وقت گزرا تھا باہر اک ہولناک سنّاٹا چھا گیا تھا۔ چینا کو لگتا تھا اس سنّاٹے کے پیچھے اک طوفان چھپا ہے۔

پھر دروازہ چرچرایا۔

اس کا دل اتھاہ گہرائی میں جا ڈوبا۔

بس خوف زدہ نظروں سے دروازہ کھلتا دیکھتی رہی۔

سمانہ اندر آئی تھی۔

چینا اضطراری انداز میں کھڑی ہوئی۔ اس کی ڈری سہمی نظریں سمانہ کے چہرے سے ٹکرائیں۔

جو حد درجہ سپاٹ اور سنجیدہ تھا۔

’’مانہ۔۔۔ میں۔۔۔ میں نے کچھ نہیں کیا۔‘‘

سمانہ خاموشی سے چلتی ہوئی اس کے قریب آئی۔

’’مانہ۔۔۔ میں۔۔۔‘‘ پھر وہ کچھ بھی نہ کہہ سکی۔ آنسوئوں کی روانی میں کچھ اور شدّت آگئی۔ سمانہ نے اس کے بہتے آنسوئوں کو دیکھا۔ پھر اس کے بازو پھیلے اور چینا کو اپنے ساتھ بھینچ لیا۔ چینا اس کے ساتھ لپٹ کر کھل کر روئی تھی۔

ـــــ

وہی گھر تھا مگر آج اس کی فضا کا رنگ ہی کچھ اور تھا۔ شوخ رنگ پیراہنوں میں ملبوس، پرمسرت شاداب چہرہ، حنا کی خوشبو، پیلے پھولوں کی بہار، ڈھولک کی تھاپ، گیتوں کی جھنکار، چینا بھی سبز چوڑی دار پائجامہ پیلے کرتے اور دوپٹے میں ملبوس چہکتی پھر رہی تھی۔ ونیزہ اور فارینہ بھی موجود تھیں۔ آج بینا کی مایوں کی رسم ہونا تھی۔ بڑی بوڑھیوں نے اسے گھیر رکھا تھا۔ تیل لگا لگا کر اور مٹھائی کھلا کھلا کر برا حال کر دیا تھا۔

’’چینا! آجائو تم بھی تصویر بنوالو۔‘‘ اس کا تایا زاد یاسر کیمرا ہاتھ میں لےے پھر رہا تھا۔ اسے پکارا تو وہ بینا کے پاس گھس کر بیٹھ گئی۔

’’چہ ۔۔۔چہ۔۔۔ اب کیا ہوگا۔ بے چاری سمانہ۔۔۔ ریحان کے نام تو لاہور میں کوئی فلیٹ بھی نہیں، چیچا وطنی کے چک٤٤ میں زندگی گزارے گی۔‘‘ بینا نے سرگوشی کی۔

’’جی نہیں، وہ یہاں رہیں گی تحصیل دار ہائوس میں۔۔۔‘‘ وہ تنک کر بولی تھی۔ سمانہ اس کی بات سن کر ہنس دی۔ تب ہی اس کے عقب میں کوئی ہلکے سے کھنکارا۔ وہ پلٹنے کو تھی پھر یونہی پلیٹ پکڑے کھڑی رہی۔ ہر کوئی رسم میں مگن تھا۔

’’تمہیں کوئی اعتراض تو نہیں ہے۔‘‘ وہ عقب میں کھڑے پوچھ رہے تھے۔

’’میں نے فیصلہ بڑوںپر چھوڑ رکھا ہے۔‘ وہ بڑبڑائی۔

’’خوش رہ سکو گی؟‘‘

اس نے جواب نہیں دیا۔ مسکراہٹ ضبط کرنے کی کوشش کرنے لگی۔ سب کچھ کتنی جلدی بدل گیا تھا۔ فراز لوگوں کا یہاں سے جانا اور اس کی ریحان سے منگنی اور مقررہ تاریخ پر نکاح۔ ریحان نے بروقت فیصلہ کیا۔ قسمت بروقت ان کا ساتھ دینے آئی تھی۔ وہ فوراً اپنے گائوں سے اپنے والدین کو لے آئے۔ آناً فاناً سب ہی کچھ طے ہوگیا۔ سمانہ کو خوشی تھی اس کی فراز کے ساتھ کوئی جذباتی وابستگی نہ ہوئی تھی۔ خود کو اور اپنے جذبوں کو سنبھال کر رکھنے کا فائدہ ہی ہوا۔

ریحان نے کچھ لمحے اس کے جواب کا انتظار کیا پھر چینا کی طرف جھکے۔

’’اب بولو، ڈھونڈلی نا ویسی جو تمہیں میرے گھر میں برداشت کر سکے۔‘‘ سمانہ فوراً وہاں سے غائب ہوگئی۔ چینا نے وکٹری کا نشان بنایا تھا۔

’’چینا۔۔ چینا۔۔۔!دیکھو کون آیا ہے؟‘‘ ونیزہ اور فارینہ اسے گھسیٹ کر لے گئیں۔ دادو، احمر اور ساتھ میں زیب۔۔۔

’’مجھے۔۔۔ مجھے یقین نہیں آرہا کہ آپ ہمارے گھر آئی ہیں۔‘‘ چینا اس کا ہاتھ تھام کر بولی۔

’’احمر! ابھی تو ایسی پذیرائی ہے مگر بعد میں۔۔۔‘‘ زیب زیرِ لب بڑبڑائی تھی۔

’’دادو! میں ابھی آپ کو تائی امی سے ملواتی ہوں۔‘‘ چینا نے کہا۔ تب تک فارینہ اس کی ساری کزنز کو اکٹھا کر لائی تھی۔

’’احمر۔۔۔‘‘ زیب نے کہا۔

’’اوکھلی میں سر دیا تو موسلوں کا کیا ڈر۔۔۔‘‘ دادو نہیں تھیں۔ احمر سر کھجانے لگا۔

’’کزنز! ہم نے آپ سے کہا تھا نا کہ ہوسکتا ہے، آج ہم آپ کو کسی خاص شخصیت سے ملوائیں۔‘‘ چینا نے پہلے تجسّس پھیلایا۔ سب متجسس نگاہوں سے آنے والے مہمانوں کو دیکھ رہی تھیں کہ ان میں سے خاص شخصیت کون سی ہے۔

’’یہ ہیں ہماری فیوریٹ رائٹر زیب چوہدری۔۔۔‘‘ چینا نے لڑکی کا ہاتھ تھاما۔

’’کون میں؟‘‘ لڑکی نے بے حد حیرت سے کہا۔

’’اوئے خبردار۔۔۔!‘‘ احمر نے گڑبڑا کر روکنا چاہا۔

’’بھئی احمر! بس کرو بہت ہوگیا مذاق۔۔۔‘‘ لڑکی نے کہا۔

’’مذاق۔۔۔‘‘ ان سب نے ایک دوسرے کو دیکھا۔

’’تمہیں اپنے منگیتر کو سر عام جوتے پڑتے دیکھنے کا بہت شوق ہے۔‘‘ وہ جھنجلاکر بولا۔

’’بہت عرصے سے حسرت ہے۔‘‘ وہ ہنسی۔

’’آپ کیا کہہ رہی ہیں۔‘‘ چینا نے الجھ کر پوچھا۔

’’بھئی بات یہ ہے کہ۔۔۔‘‘ لڑکی نے شرارتی نظروں سے احمر کو دیکھا۔

’’پہلے ان سے وعدہ لے لو کہ یہ تمہارے اکلوتے منگیتر کو کچھ نہیں کہیں گی۔‘‘ وہ دادو کے عقب میں ہوا جو خاموش کھڑی مسکرا رہی تھیں۔

’’آخر آپ لوگ کہنا کیا چاہتے ہیں۔‘‘ فارینہ سے مزید تجسس برداشت نہیں ہوا۔

’’دراصل احمر نے آپ لوگوں سے تھوڑا سا مذاق کیا ہے۔‘‘

’’کیسا مذاق؟‘‘

’’چینا کا جب خط ملا تو احمر دادو کو لینے لاہور گیا تھا۔ اس نے جواب لکھ دیا۔‘‘

’’کیا انہوں نے جواب لکھا تھا؟‘‘

’’میرا نام عائشہ ہے اور میں احمر کی منگیتر ہوں۔ احمر نے میری تصویر دکھادی اور مجھ سے بات کرلی۔‘‘ عائشہ نے ہنستے ہوئے بتایا۔ احمر کی مسکراہٹیں بھی عروج پر تھیں۔

’’تو پھر اصل زیب کون ہیں۔‘‘ وہ لوگ روہانسی ہوگئیں۔ کتنا عرصہ بے وقوف بنی رہی تھیں۔

’’ہماری دادو۔۔۔‘‘ عقب میں کھڑے احمر نے دونوںہاتھ دادو کے کندھے پر رکھے۔ ان تینوں نے ایک دوسرے کو دیکھا پھر ایک ساتھ چلّائیں۔

’’کیا۔۔۔؟‘‘

’’بھئی بچیوں! یہ لوگ اکثر مل کر یونہی شرارت کرتے ہیں۔ پھر مجھے بھی زبردستی شریک کرلیتے ہیں۔‘‘ دادو نے معذرت خواہانہ لہجے میں کہا۔

’’دادو! آپ۔۔۔ آپ نہیں زیب چوہدری۔۔۔‘‘

’’بات یہ۔۔۔۔‘‘ احمر نے کچھ کہنا چاہا۔۔۔ وہ چلّانے لگیں۔

’’خبردار! آپ نے ہم سے بات بھی کی ہو تو ۔۔۔فوراً پیچھے ہٹ جائیں۔ ہم اپنی دادو سے بات کر رہے ہیں۔ دادو! آپ نے ہمیں کیوں نہیں بتایا۔‘‘

احمر وضاحتیں کرنے کی کوشش کر رہا تھا اور وہ کچھ سُننے پر آمادہ نہیں تھیں۔ عائشہ اس کی سفارش کرنے لگی۔ وہاں شور تھا، خوشی سے معمور آوازیں، زندگی کا احساس لےے اور بہت سی خوشیاں جو انہیں ایک ساتھ ملی تھیں۔

ـــــ

٣٠٠٢ کی ابر آلود صبح تھی۔ اور اسی کلاس روم کا منظر، تقریباً وہی منظر،  وہی آوازیں، وہی چہرے اور وہی سرگرمیاں۔ بشریٰ کے ہاتھوں بلیک بورڈ پر بنا مکی مائوس ہر ایک کو ’’ہپی نیو ایئر‘‘ کہہ رہا تھا۔ علینہ نئے سال کی مناسبت سے شعر لکھ رہی تھی اور ثمینہ نئے سال پر لکھی جانے والی نظم سنا رہی تھی۔ کلاس میں شور تھا اور ہنگامہ۔

’’پتا ہے میں ٢٠٠٢ میںسوئی اور جب آنکھ کھلی تو ٣٠٠٢ تھا۔‘‘

’’ہائیں، تم ایک سال تک سوتی رہیں۔‘‘

’’ہیلو۔۔۔ ہیلو۔۔۔! میری اماں نے کل سوہن حلوہ بنایا تھا۔ کون کون کھائے گا؟‘‘

’’سوری، ہم ایک سال پرانا باسی حلوہ نہیں کھارہے۔‘‘

’’سنو! کینٹین پر چلیں؟‘‘

پہلے سے خدوخال نہ پہلے سے ہیں خیال

ہم کتنے ایک سال کے اندر بدل گئے

کرسی سے اٹھتے اٹھتے وہ ایک پل کو رکی۔ خدوخال تو وہی تھے مگر اندر کہیں کوئی تبدیلی آئی تھی۔ چینا نے اس واقعے کو ذہن سے جھٹکنا چاہا۔ مگر ذہن زیب کی لکھی گئی بات میں اٹک سا گیا۔

’’زندگی میں ہر تلخ واقعہ اس لےے رونما ہوتا ہے کہ ہمارے اندر اک نئے تجربے کا اضافہ ہوسکے۔‘‘

’’میڈم آنے والی ہیں، نکل چلو۔‘‘ فارینہ نے اس کا بازو کھینچا۔ کئی کرسیاں زمین بوس کرنے کے بعد وہ کلاس سے باہر نکل سکی تھیں۔ کاریڈور میں آکر خوامخواہ ہنسنے لگیں۔ نیلے آسمان پر سفید بادلوں کا مہین سا پردہ تنا تھا۔ جس پر سے نیلا رنگ چھلک چھلک جارہا تھا، سرد ہوا کی یخ بستگی کو چہرے پر محسوس کرتے اور ایک دوسرے کی جرسیوں کی جیبوں میں ہاتھ گھسائے وہ خوش گپیوں میں مصروف تھےں۔ لان میں میرو بابا کا غصہ عروج پر تھا۔ شریر لڑکیوں کے ٹولے ادھ کھلے گلاب چُرارہے تھے۔

’’ارے! وہ کارڈ تو رہ ہی گیا۔‘‘

فارینہ نے سر پر ہاتھ مارا اور ونیزہ کے کندھے پر لٹکے بڑے سے بیگ کو کھنگال کر ایک بڑا سا کارڈ نکالا۔ سرخ گلابوں کے عقب سے طلوع ہوتا نیا سورج ونیزہ نے خود پینٹ کیا تھا۔ وہ دوڑتی ہوئی کاریڈور کے آخری سرے پر لگے نوٹس بورڈ تک آگئیں۔ پن کی مدد سے کارڈ نوٹس بورڈ پر چپکاتے ہوئے چینا کو اچانک یاد آیا۔

’’پتا ہے، مجھے فاخرہ جبیں کا فون نمبر مل گیا۔‘‘

’’ہائیں۔۔۔ کیسے؟‘‘

’’داد نے لے کر دیا ہے۔ شام کو گھر آنا۔ ان کو فون کریں گے۔‘‘

نئے سال کی ابر آلود صبح نے اک محبت بھری نگاہ ان معصوم اور شوخ و شریر چہروں پر ڈالی اور اک دعا نیلے آسمان کی وسعتوں پر تحریر کی تھی۔

’’خدا ان چہروں کو حسن بخشتی معصومیت کی ہمیشہ حفاظت کرے۔ اور زندگی کے تجربے کبھی ان کے لےے تلخ نہ ہوں۔‘‘

*****

اس تحریر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں