’’دامن سے لے کر آستینوں تک یہ والا ڈیزائن اس طرح سے چھاپنا کہ درمیان میں خم بن جائے۔‘‘
اس نے قمیص کا کپڑا پھیلا کر رکھتے ہوئے انگلی سے نشاندہی کی۔ حیدر نے خاموشی سے اس کی ہدایت کو سنا پھر متعلقہ ڈیزائن والا کاربن پیپر نکالنے لگا۔ اس کے چہرے سے اس کی پسندیدگی یا ناپسندیدگی کے بارے میں کچھ پتا نہیں چل رہا تھا۔ اپنی عادت کے برخلاف وہ اسے مشورہ دےنے کی بجائے چپ چاپ کاربن پیپرز کے پلندے میں کھویا ہوا تھا۔ اس کومصروف اور اس درجہ لاتعلق دیکھ کر مریم دکان کا جائزہ لینے لگی۔ وہ کافی عرصہ بعد حیدر کی دکان پر آئی تھی، اس لےے اسے بہت سی نئی تبدیلیاں نظر آرہی تھیں۔ گزشتہ مہینے حیدر نے نئی پیکو مشین خریدی تھی جس کے لےے اسے ایک نیا ملازم رکھنا پڑا تھا۔ اب اس کی دکان پہ بشمول اس کے تین لڑکے ہوتے تھے۔ ایک لڑکا پیکو کرتا تھا جبکہ دوسرا چھپائی کا کام سنبھالتا تھا۔ دو ملازموں کی بدولت اب حیدر کا کام ان کی نگرانی و رقم کی وصولی، دھاگوں یا اس قسم کی دوسری چیزوں کی فروخت تک محدود ہوگیا تھا۔ مریم چونکہ گھر کی فرد تھی، اس لےے اس کی قمیص کی چھپائی حیدر خود کر رہا تھا مگرا س کے چہرے پہ خفگی کے آثار نمایا ں تھے اور مریم اس کی خفگی دور کرنا چاہتی تھی۔ اس لےے وہ کوئی ایسی چیز تلاش کر رہی تھی جسے موضوعِ گفتگو بنا کر وہ اسے مخاطب کر سکے۔ اسے بالآخر مختلف رنگوں کے دھاگوں کی نلکیوں سے سجی الماری میں ایک چیز نظر آہی گئی۔ وہ ایک موٹی سی کتاب تھی۔ مریم نے ہاتھ بڑھا کر اس کتاب کو اٹھالیا جس پر بی اے انگلش گائیڈ بک لکھا تھا۔
’’یہ کس کی کتاب ہے؟‘‘ صفحہ در صفحہ پلٹتے ہوئے اس نے دریافت کیا۔ حیدر نے ایک نظر اسے دیکھا پھر اس کے ہاتھ سے وہ کتاب تقریباً چھیننے والے انداز میں پکڑ کر بند کی اور اسی جگہ پر رکھ دی جہاں سے مریم نے اٹھائی تھی۔ مریم کو حد درجہ بے عزتی کا احساس ہوا مگر یہ احساس نیا نہیں تھا۔ وہ گزشتہ کئی دن سے حیدر کا یہی رویہ برداشت کرتی چلی آرہی تھی۔ حیدر اس کی حالت زار سے بے خبر وہی کپڑا میز پر رکھ کر ہاتھوں کے دبائو سے اس پر پڑی سلوٹیں دور کر رہا تھا۔ اس کے بعد اس نے اس پر متعلقہ ڈیزائن والا کاربن پیپر بچھالیا۔ وہ کافی پسند کےے جانے والا ڈیزائن تھا اور بار بار چھپائی کے باعث کچھ بوسیدہ ہوچکا تھا۔ اسی دوران دو خواتین آگئیں جنہیں دھاگے اور موتی وغیرہ خریدنے تھے۔ حیدر ان کی طرف متوجہ ہوگیا۔ حالانکہ اس کا ملازم پہلے ہی ان خواتین کو ڈیل کررہا تھا۔ حیدر کا انداز دیکھ کر مریم کا معصوم دل مزید دکھی ہوگیا۔
’’مجھے کاٹ کھانے کو دوڑتا ہے اور ان سے کتنی محبت سے بات کر رہا ہے۔‘‘ اس نے آنکھوں میں آئی ہلکی ہلکی نمی کو پیتے ہوئے خود کلامی کی۔ حیدر اس کا فرسٹ کزن تھا۔ پھوپھا جی کی وفات کے بعد پھوپھو اپنے سسرال میں رہنے کے بجائے ان کے گھر آگئی تھیں۔ اس کے بعد انہیں سسرال سے لینے کوئی آیا نہ ہی انہوں نے خود واپس جانا مناسب سمجھا۔ بھائی نے بھی بہن کا بہت ساتھ دیا اور زندگی کے ہر معاملے میں ان کی مدد کی کیونکہ اللہ کا دیا بہت کچھ تھا ان کے پاس۔ اپنی زمین، دو بھینسیں، ذاتی مکان، بچوں کے جوان ہونے تک اس عادت میں مزید پختگی آتی چلی گئی۔ مریم اور عمر دو ہی بہن بھائی تھے۔ حیدر نے ان کی تکون کو مکمل کر دیاتھا۔ ان تینوں میں بہت گہری دوستی تھی۔ وہ ہر کام ایک ساتھ کرنے کے عادی تھے۔ حیدر نے اسکول جانا شروع کیا تو ایک ہی ضد لگائے رکھی۔
’’عمر اور مریم کو ساتھ لے کر اسکول جائوں گا۔‘‘
’’عمر تو ابھی بہت چھوٹا ہے اور مریم لڑکی ہے۔ وہ تمہارے ساتھ اسکول نہیں جاسکتی۔‘‘ ماموں نے سمجھایا تو وہ اور بھی بھڑک اٹھا۔
’’واہ جی واہ۔۔۔ مریم لڑکی ہے۔۔۔ جب یہ مریم کی بچی کرکٹ کھیلتے ہوئے مجھے اور عمر کو چوکے مارتی ہے، تب آپ کہتے ہیں کہ مریم تو میرا بیٹا ہے اور اب یہ مریم لڑکی ہوگئی۔‘‘
وہ تنک کر بولا تو انہیں اس پر اور بھی پیار آیا۔ انہوں نے اس کے گالوں کو چومتے ہوئے اسے گود میں اٹھالیا۔ وہ جانتے تھے کہ تینوں بچے ایک دوسرے سے بہت پیار کرتے ہیں اور ان کا ایک دوسرے کے بغیر گزار نہیں، اس لےے وہ ماسٹر صاحب سے خصوصی اجازت لے کر آئے کہ کچھ دن تین سالہ مریم کو اس کے ساتھ بیٹھنے دیا جائے۔ یوں ننھی مریم اس کے ساتھ لڑکوں کے اسکول جانے لگی، لیکن اس سے حیدر کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ حیدر کے کلاس فیلوز اور سینئر لڑکے مریم کو اتناپیار کرتے، اس سے دوستی کرنا چاہتے تو حیدر آگ بگولا ہوجاتا اور ان سے لڑنے مرنے پر تیار ہوجاتا۔
’’یہ تو بالکل میری گڑیا ہے۔‘‘ ایک دن ماسٹر صاحب نے مریم کو گود میں بٹھا کر پیار کرتے ہوئے کہا تو حیدر کی شکل دیکھنے والی تھی۔ وہ ماسٹر صاحب سے جھگڑا نہیں کر سکتا تھا مگر اس دن کے بعد سے اس نے مریم کو ساتھ لے جانے کی ضد نہیں کی۔ اسے یہ خدشہ بھی تھا کہ اگر مریم نے ماسٹر صاحب سے دوستی کر لی تو کیا ہوگا۔
ـــــ
’’ذرا دھیان سے کرنا۔‘‘ وہ جلدی سے بولی۔
’’مجھے مشورہ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ وہ اس کی بات کاٹ کر غرایا۔ مریم اس کی دوسری بد تمیزی پر پہلے کی طرح پھر خاموش ہوگئی۔ حیدر نے اسفنج کو ہلکے ہاتھ سے نچوڑ کر کاربن پیپر پر رکھ دیا۔ وہ مریم کو ستانا نہیں چاہتا تھا مگر نہ جانے کیسے جو وہ نہیں چاہتا تھا، وہی ہوگیا۔ کاربن پیپر بوسیدہ ہونے کے باعث درمیان میں سے پھٹ گیا تھا اور ساری روشنائی کپڑے کو پھول بوٹوں سے آراستہ کرنے کی بجائے داغدار کر گئی۔ وہ دونوں کچھ لمحے تک اس ہلکے سبز رنگ کے کپڑے کو تکتے رہے پھر مریم کے منہ سے ’’ہاہ‘‘ کی صورت سسکی نما آواز نکلی۔
’’کوئی مسئلہ نہیں، کوئی مسئلہ نہیں۔ دھل کر صاف ہوجائے گا۔ پکا رنگ نہیں ہے، ایک دھلائی کی مار ہے۔‘‘ حیدر کا خود ساختہ خول لمحہ بھر میں چٹخ گیا تھا۔ وہ پشیمانی سے کہنے لگا۔
’’بیڑا غرق ہو تمہارا حیدر! یہ کیا کر دیا تم نے۔ ہائے میرے اللہ! کتنا پسند تھا مجھے یہ رنگ۔ پھوپھو نے کتنے شوق سے مجھے یہ تین سو روپے کا سوٹ لے کر دیا تھا۔‘‘ وہ روہانسی ہو کر بولی جبکہ حیدر کہنے لگا۔
’’یہ دھل کر صاف ہوجائے گا مریم! سرف ایکسل ہے نا۔‘‘
’’مرو تم، سرف ایکسل کے بچے۔ میری ہر خوشی سے تمہیں پتا نہیں کیوں آگ لگ جاتی ہے۔‘‘
وہ جل کر بولی پھر اس کے ہاتھ کے نیچے سے وہ قمیص کا کپڑا کھینچ کر نکالا اور تن فن کرتی اس کی دکان سے باہر نکل گئی۔ اس کی امی ساتھ والی دکان سے دوپٹے رنگوا رہی تھیں۔ اس نے پلٹ کر ایک بار بھی حیدر کی جانب نہیں دیکھا تھا جس کے دل پر ایک بات نقش ہو کر رہ گئی تھی۔
’’میری ہر خوشی سے تمہیں پتا نہیں کیوں آگ لگ جاتی ہے۔‘‘
٭٭٭
’’ناراض ہو؟‘‘ حیدر نے یک دم سوال کیا۔ نل کے نیچے پڑے پانی سے بھرے ٹب میں مریم کا متحرک ہاتھ رک گیا۔ منشی چاچا کچھ دیر پہلے آموں سے بھرا ٹوکرا دے کر گئے تھے۔ مریم صحن میں ایک طرف لگے نل کے پاس بیٹھی آم دھونے میں مصروف تھی۔ حیدر چوکی لے کر اس کے پاس بیٹھ گیا۔
’’نہیں، میں کیوں ناراض ہونے لگی تم سے۔‘‘ وہ بے حد لا تعلقی سے بولی تو حیدر اس کے انداز پر کٹ سا گیا مگر کچھ کہنے کی بجائے اس نے بھی اسی ٹب میں ہاتھ ڈال دےے اور مریم کے ساتھ مل کر آموں کو غسل دینے لگا۔ یہ اس کے بچپن کی عادت تھی۔ وہ مریم کی ناراضی دور کرنے کے لےے اسی طرح اس کے کاموں میں اس کی مدد کرنے کی کوشش کیا کرتا تھا اور اس دوران اگر وہ اسے مخاطب کر بیٹھتی تو پھر خوب ہنستا۔
’’ارے گلابی سنڈی! تم مجھ سے ناراض ہو بھئی! اتنی جلدی بھول کیوں جاتی ہو۔ یاد نہیں تم نے قسم کھائی تھی کہ اب مجھ سے بات نہیں کرو گی؟‘‘ وہ اسے چڑانے کو کہتا تو مریم خاموش ہوجاتی۔
’’مان لو گلابی سنڈی! تم میرے بغیر رہ ہی نہیں سکتیں۔‘‘ وہ سینہ تان کر کہتا تو مریم اس کے بال کھینچنے لگتی پھر وہ دونوں ہنس دیتے اور ناراضی ختم ہوجاتی مگر اس بار کی ناراضی عجیب ہی تھی، جس میں خفگی سے زیادہ لاتعلقی اور اجنبیت تھی۔ مریم ٹب میں اس کے ہاتھوں کو حرکت کرتا دیکھتی رہی پھر اس نے آہستگی سے اپنے ہاتھ ٹب سے باہر نکال لےے تھے۔ اس سے پہلے کہ وہ اپنی جگہ سے اٹھتی حیدر نے اس کا بھیگا ہاتھ تھام لیا۔
’’یہ ٹھیک نہیں ہے مریم!‘‘ وہ بے چارگی سے بولا جیسے خود اپنے آپ سے تنگ آچکاہو۔ گزشتہ کئی دنوں سے اس کے دل میں جو اتھل پتھل مچی تھی، وہ خود بھی اس سے عاجز آچکا تھا۔ مریم اس کی ماموں زاد تھی۔ وہ ماموں جس نے اسے اس کے ابا کے انتقال کے بعد باپ کی کمی محسوس نہیں ہونے دی تھی۔ وہ نہیں چاہتا تھا کہ وہ آج کل جو سوچ رہا ہے، اس کی بھنک کسی کے کانوں تک پہنچے۔ مبادا ماموں سمجھیں کہ وہ اپنی اوقات بھولتا جارہا ہے۔ اسے اپنی اور اپنی امی کی عزت کا بہت پاس تھا مگر آج کل حالات جس نہج پر چل رہے تھے، وہ بھی ناقابل برداشت تھے۔ اس کے دل میں اپنی کم مائیگی کا احساس بڑھتا جارہا تھا۔ وہ اپنی اس ذہین و فطین، گوری چٹی کزن کے سامنے خود کو بہت کمتر محسوس کرنے لگا تھا۔ پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا تھا۔ اسے ہمیشہ سے اپنے لمبے چوڑے کسرتی جسم پہ اور اپنے قد و قامت پہ ناز محسوس ہوتا تھا۔ وہ جانتا تھا کہ اس جیسی شاندار شخصیت والا لڑکا پورے خاندان میں کوئی دوسرا نہیں ہے مگر جب مریم کا ایف ایس سی کا رزلٹ آیا تو اسے احساس ہوا کہ صرف لمبا چوڑا شاندار سراپا کافی نہیں ہوتا۔ اپنا آپ ثابت کرنے کے لےے کچھ اور خصوصیات بھی ہونی چاہئیں جو اس میں موجود نہیں تھیں اور تب ہی اسے احساس ہوا کہ وہ مریم کے لےے کچھ مختلف قسم کے محسوسات کا شکار ہورہا ہے۔ ان دنوں مریم انٹری ٹیسٹ کی تیاری کر نے لگی اور حیدر نے مسجد جا کر پانچوں وقت باجماعت نماز ادا کرنا شروع کر دی۔ سب کا خیال تھا کہ وہ مریم کے لےے دعا کرتا ہے مگر وہ عجیب سے خدشات میں گھرا رہتا۔
’’اگر مریم ڈاکٹر بن گئی تو ماموں مجھ جیسے چھاپے والے کو کبھی اپنی قابل بیٹی دینا پسند نہیں کریں گے۔‘‘
وہ اکثر سوچتا اور پھر خود ہی شرمسار رہتا۔ وہ خود سمجھ نہیں پاتا تھا کہ وہ مریم کی کامیابی سے جلنے کیوں لگا ہے۔ حالانکہ تینوں بچوں میں بڑا ہونے کے باعث ماموں ممانی اسے بہت عزت دیتے تھے مگر پھر بھی وہ سب سے خائف رہنے لگا۔ اس کی بددعائوں کا نتیجہ تھا شاید کہ مریم انٹری ٹیسٹ میں فیل ہوگئی۔ حیدر کو لگنے لگا جیسے محاذوں پہ خاموشی چھا گئی ہے۔ اسے اطمینان ہونے لگا تھا مگر مریم اس کے اطمینان کی دشمن تھی۔
’’میں بی ایس سی نہیں کروں گی، میں کچھ اور کرنا چاہتی ہوں۔ کچھ ایسا جسے کر کے مجھے سکون ملے۔ میں اپنے آپ کو اسی فیلڈ سے منسلک رکھنا چاہتی ہوں، جس کے میں نے خواب دیکھے تھے۔ میں ڈاکٹر نہیں بن سکی مگر میں نرس تو بن سکتی ہوں۔‘‘ اس نے ایک نیا شوشہ چھوڑا۔ اخبار میں چھپنے والے کسی اشتہار نے اسے پھر سے حیدر سے دور کرنے کے اسباب پیدا کر دےے۔
’’میں نرسنگ کرنا چاہتی ہوں ابو!‘‘ اس نے اسی روز کھانا کھاتے ہوئے سب کے سامنے ابو جی کو مطلع کیا۔ حیدر کو بعض لوگوں کی خبر نہیں تھی مگر خود اس نے خاموشی سے چمچہ پلیٹ میں رکھ کر کھانے کا سلسلہ موقوف کر دیا۔ اس کی بھوک ہی اڑ گئی تھی۔ ماموں نے ہنس کر بات ٹال دی مگر اس کا دل چاہا کہ دو جوتے لگا کر اس ہٹ دھرم لڑکی کو قاضی صاحب کے سامنے لے کر کر کھڑا کرے اور اس موہنی صورت ضدی لڑکی کو ہمیشہ ہمیشہ کے لےے اپنا پابند کر لے مگر وہ یہ سب صرف سوچ سکتا تھا۔ آنے والے دنوں میں مریم کی ضد بڑھتی گئی اور ماموں مسلسل انکار کرتے گئے وہ چاہتے تھے مریم بی ایس سی کر لے مگر مریم کے ذہن و دل پہ سفید اوول آل چپک کر رہ گیا تھا۔
’’حیدر۔۔۔ میرے اچھے بھائی۔۔۔ تمہاری بات تو ابو جی ضرور مان لیں گے۔۔۔ تم میری سفارش کردو نا۔ یہ میرا خواب ہے حیدر! یہ پورا نہیں ہوا تو میں مرجائوں گی۔ سچ مچ مرجائوں گی۔‘‘
وہ ایک دن اس کے کندھے پہ سر رکھ کر روتے ہوئے کہنے لگی۔ اس کی اس فرمائش پر حیدر تقریباً تڑپ اٹھا۔ اسے لفظ ’’بھائی‘‘ یک دم ہی برا لگنے گلا مگر مریم کا رونا بھی برداشت نہیں ہورہا تھا۔ اپنے دل کو مار کر اس نے ماموں کو منالیا تھا۔ حیدر نے خود مریم کے فارمز اور فیس وغیرہ جمع کروائی تھی مگر ہر مقام پر وہ اپنے آپ کو مزید کھوکھلا اور بے جان محسوس کرتا۔ وہ چڑچڑا ہوتا جارہا تھا۔ عجیب سی قنوطیت اسے گھیرے رکھتی اور لوگ شکوہ کرتے رہتے کہ وہ بدل گیا ہے۔ وہ جانتا تھا، وہ تبدیل نہیں ہوا مگر ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کے دل میں اپنی کم مائیگی کا بڑھتا ہوا احساس اسے کمزور کر رہا تھا۔
’’حیدر۔۔۔ حیدر کے بچے۔۔۔ میرا ہاتھ چھوڑو۔‘‘
وہ اس کا ہاتھ پکڑے سوچ کی نہ جانے کون سی سیڑھی چڑھ رہا تھا کہ مریم نے اس کی پیشانی پر دوسرا ہاتھ مار کر اسے ہوش کی دنیا میں واپس لانا چاہا۔ حیدر نے دھیرے سے اس کا ہاتھ چھوڑ دیا۔
’’حیدر۔۔۔! تمہیں کیا ہوگیا ہے۔۔۔ تم بہت بدل گئے ہو۔۔۔ تم ایسے تو نہیں تھے۔‘‘ مریم نے اپنے مخصوص انداز میں کہا۔ وہ شاید کبھی حیدر کی کیفیت کو سمجھ ہی نہیں سکتی تھی۔ اونچا مزید اونچا اڑنے کی لگن اسے کسی اور طرف دھیان دینے کا موقع کم ہی دیتی تھی۔
’’میں کیا کروںمریم! میرا جی آج کل بہت اداس رہنے لگا ہے۔‘‘ حیدر نے تھک ہار کر کہہ ڈالا۔
’’مجھے ہر چیز سے الجھن ہوتی ہے۔ دل چاہتا ہے خود مرجائوں یا سب کو مارڈالوں۔‘‘ مریم کے خاموش رہنے پر وہ مزید گویا ہوا۔
’’میری وجہ سے اداس ہو نا؟‘‘ مریم نے اس کی آنکھوں میں جھانکتے ہوئے یک دم سوال کیا تو حیدر اثبات میں سر ہلا گیا۔مریم کے چہرے پر مسکراہٹ بکھری تھی۔
’’بہت محبت کرتے ہو نا مجھ سے؟‘‘ مریم نے ایک بار پھر سوال کیا تو وہ ہکا بکا ہو کر اس کی شکل دیکھنے لگا۔ وہ بات جو وہ مہینوں سے خود سے کہتے ہوئے بھی شرما رہا تھا،وہی بات مریم نے بہت آرام سے کہہ ڈالی تھی۔
’’عمر کی حالت بھی تمہارے جیسی ہورہی ہے، وہ تمہاری طرح چڑچڑا تو نہیں ہوا مگر بہت اداس رہنے لگا ہے۔ میں جانتی ہوں تم دونوں مجھے چڑانے کے لےے مجھ سے جھگڑا کرتے ہو مگر حقیقتاً تم دونوں کو مجھ سے بہت محبت ہے۔‘‘ اس کی بات سن کر وہ گہرا سانس بھر کر رہ گیا۔
’’تم بالکل بے وقوف ہو مریم!‘‘ وہ بے چارگی سے مسکراتے ہوئے بولا۔
’’ایویں۔۔۔ کوئی نہیں۔۔۔ تم خود ہوگے بے وقوف۔‘‘ وہ ناک چڑھا کر بولی پھر صحن کے بیچوں بیچ پڑی چارپائی پر جا کر بیٹھ گئی۔ اس کی آنکھوں میں آنے والے دنوںکے حوالے سے ایک نیا عزم صاف دکھائی دے رہا تھا۔ وہ دو سال بعد والی مریم کا تصور کرنے کی کوشش کرتا تو وہ سادہ لباس میں چوٹی باندھے معصومیت سے مسکراتی ہوئی مریم کی بجائے ایک نہایت طرح دار اسٹائلش لباش میں ملبوس اونچی ہیل اور کھلے بالوں کے ساتھ منہ ٹیڑھا کر کے انگریزی بولتی ایک لڑکی اس کے سامنے آجاتی۔ کلف لگے شلوار قمیص میں ملبوس اپنے آپ کو شہزادہ سمجھنے والا حیدر، مریم کے سامنے ایک دم ہی چغد لگنے لگتا۔ وہ چاہتے ہوئے بھی اس قسم کی سوچوں کو جھٹک نہیں پاتا تھا۔
’’مریم! ایک بات پوچھوں؟‘‘ اس نے وہیں نل کے پاس بیٹھے بیٹھے مریم کو مخاطب کیا۔
’’نہیں۔‘‘ وہ فوراً بولی پھر بے وجہ ہنسنے لگی۔
’’تم بالکل بدل گئے ہو حیدر! اب تم مجھ سے اجازت لے کر بات کیا کرو گے۔ارے میں وہی مریم ہوں جسے تم گلابی سنڈی اور چتکبری سنڈی کہہ کر چڑایا کرتے تھے۔‘‘ وہ شگفتہ سے انداز میں اسے اس کے بدلے ہوئے روےے کا احساس دلانے لگی۔ حیدر بھی اب کی بار کھل کر مسکرایا۔
’’میں چاہے سو بار بدل جائوں مریم! مگر تم کبھی مت بدلنا۔ ایسی ہی رہنا معصوم، اپنی اپنی سی۔‘‘ وہ اس کے چہرے کی طرف دیکھتے ہوئے دھیمی سی آواز میں بولا تو مریم کی بولتی بند ہوگئی۔ اس کے چہرے کے تاثرات نے حیدر کو مزید مسکرانے پر مجبور کر دیا۔
’’اتنی بھی بے وقوف نہیں ہو مریم!‘‘ یہ بات اس نے خود سے کہی اور مریم نہ جانے کیوں بس پائوں کی انگلیوں کو تکے جارہی تھی۔
٭٭٭
گھڑی کی سوئیاں نہ جانے کیا بجا رہی تھی جب اس کی آنکھ کھلی۔ کھڑکیوں کے پردے ابھی تک نہیں ہٹائے گئے تھے جس کی وجہ سے کمرے میں تاریکی کا راج تھا اور سامنے دیوار پر لگی گھڑی اسے صاف دکھائی نہیں دے رہی تھی۔ اس نے دو تین بار آنکھیں جھپکیں پھر منہ کھول کر جماہی لی۔ اس کے سارے وجود پر عجیب سی کسلمندی اور بے زاری چھائی ہوئی تھی۔ اس کا جب جب اپنی ممی سے جھگڑا ہوتا تھا، تب تب یہی بے زاری اس کے پورے وجود پر چھا جاتی تھی۔ اس نے کروٹ بدلی اور سائیڈ ٹیبل پر پڑی اپنی رسٹ واچ اٹھا کر ٹائم دیکھنے لگا۔ بارہ بجنے میں چند ہی منٹ باقی تھے۔ اسے حیرت کا شدید جھٹکا لگا۔ اس کا خیال تھا ابھی ساڑھے چھ یا سات کا وقت ہوا ہوگا۔
’’یعنی کہ حد ہوگئی۔ ایک ممی کا موڈ مجھ سے آف ہوجائے تو سارا گھر مجھ سے لاتعلق ہوجاتا ہے۔‘‘ اس نے گردن جھٹک کر خود کلامی کے سے انداز میںکہا۔ اسے جلد از جلد اٹھ کر پارک میں واک کے لےے جانا تھا، جہاں اس کی اپنے پاپا کے ساتھ ملاقات متوقع تھی مگر ممی کے ساتھ ہونے والے جھگڑے نے سب چوپٹ کر دیا تھا۔ اسے پاپا کے ساتھ بہت سی باتیںڈسکس کرنا تھیں۔ جو وہ اب نہیں کر سکتا تھا کیونکہ پاپا ایک ماہ کے لےے تھائی لینڈ جارہے تھے۔ اسے رات والے جھگڑے کے متعلق بھی پاپا کو مطلع کرنا تھا۔ روٹین کے مطابق وہ ساڑھے گیارہ بجے کے قریب گھر واپس آیا تو ممی پہلے ہی بھری بیٹھی تھیں۔ انہوں نے اپنے ذرائع سے اس کے میٹرک کا رزلٹ پتا کروالیا تھا اور وہ اس بار بھی کامیاب نہیں ہوسکا تھا۔ حالانکہ اس سال وہ دوسری بار میٹرک کا امتحان دے رہا تھا۔
’’تمہارے رزلٹ کا کیا بنا سنی؟‘‘ ممی نے سنجیدگی سے استفسار کیا تھا۔ وہ لائونج میں پڑے فریج کا دروازہ کھولے پانی کی بوتل نکال رہا تھا۔ ان کے انداز نے اسے چونکا دیا تھا۔ گزشتہ سال رزلٹ انائونس ہونے پر ممی نے اس کے جس انداز میں آئو بھگت کی تھی، وہ اسے بھی بھولا نہیں تھا۔ وہ جواب دینے کی بجائے بوتل کا ڈھکن کھول کر پانی پینے لگا۔
’’میں نے تم سے تمہارے رزلٹ کے متعلق پوچھا ہے سنی؟‘‘ ممی اب کی بار اونچی آواز میں بولیں۔ انہیں اپنے سوالات کانظر انداز کےے جانا سخت ناپسند تھا۔
’’ابھی رزلٹ انائونس نہیں ہوا ممی! میرا خیال ہے ابھی کچھ اور دن لگ جائیں گے۔‘‘ وہ جل تو جلال تو کا ورد کرتے ہوئے بظاہر اطمینان سے بولا تھا۔ اس کا یہی اطمینان انہیں مزید سلگا گیا۔
’’تم جھوٹ بول رہے ہو، اپنے باپ کی طرح تم بھی مجھ سے جھوٹ بول رہے ہو۔‘‘ وہ چلّا کر بولیں۔ ان کے غیض سے وہ ہمیشہ ہی خائف رہتا تھا۔
’’میں آپ سے جھوٹ نہیں بول رہا ممی! بلکہ سچ۔۔۔‘‘
’’شٹ اپ۔۔۔ جسٹ شپ اپ۔‘‘ انہوں نے اس کی بات کاٹ دی۔
’’میں تمہارے سارے کرتوتوں سے واقف ہوں۔ تم ساری زندگی کچھ نہیں کرپائو گے، بس مجھے شرمندہ کرواتے رہو گے اور میرا دل جلاتے رہو گے۔ تمہیں تو اس بات پر بھی کوئی شرمندگی نہیں ہوتی کہ تمہارے باقی کلاس فیلوز تم سے آگے نکل چکے ہیں اور تم ابھی تک میٹرک ہی کلیئر نہیں کرپائے۔ میرے کتنے۔۔۔‘‘
’’میں نے آپ سے کہا تھا ممی! میں سائنس سبجیکٹ نہیں پڑھنا چاہتا۔ ان فیکٹ میں پڑھ ہی نہیں سکتا۔ مجھے کوئی انٹرسٹ نہیں ہے مگر آپ نے زبردستی۔۔‘‘
’’زبردستی۔۔۔زبردستی۔۔۔ شیم آن یو سنی! میں نے تمہیں آپشن دیا تھا کہ تم۔۔۔‘‘
’’نہیں ممی!‘‘ وہ دونوں مسلسل ایک دوسرے کی بات کاٹ کر اپنا اپنا نقطۂ نظر واضح کر رہے تھے۔
’’اسے آپش نہیں کہتے جو آپ نے میرے سامنے رکھا تھا۔ آپ نے کہا تھا کہ اگر میں نے سائنس سبجیکٹسنہیں پڑھے تو آپ مجھے سڈنی، بڑے ماموں کے پاس بھجوادیں گی، اس لےے مجھے مجبوراً سائنس سبجیکٹس ہی پڑھنے پڑے، ورنہ آپ جانتی ہیں میں کامرس پڑھنا چاہتا تھا۔‘‘ وہ اپنی بات کہہ کر خاموش ہوگیا۔ وہ بھی کچھ دیر کو خاموش ہوگئی تھی کیونکہ بات وہ سچ کہہ رہا تھا۔ اس نے پاپا کے مشورے سے کامرس پڑھنی چاہی تو ممی نے اس ایشو کو انا کا مسئلہ بنالیاتھا۔ وہ کسی قیمت پر اسے کامرس نہیں پڑھنے دینا چاہتی تھیں۔ وہ کچھ دیر تک اسے عجیب سی نگاہوں سے دیکھتی رہیں پھر ان کے چہرے پر بے بسی و بے چارگی کے تاثرات در آئے۔ ان کی خفگی کسی اور جذبے میں ڈھلنے لگی۔
’’اس شخص نے تم پر کوئی جادو کر دیا ہے جو تم میری کسی بات کو سننے پر تیار نہیں ہوتے۔ تم میری اولاد نہیں ہو، تم صرف اس شخص کی اولاد ہو۔ تمہیں کبھی بھی میرا احساس نہیں رہا۔ میں نے تمہاری بہتری کے لےے اپنا آپ قربان کر ڈالا مگر پھر بھی تم اس شخص کے نام کی تسبیح کرنے سے باز نہیں آئے۔ تم نے کبھی مجھے اچھا سمجھا ہی نہیں۔ حالانکہ میں نے تمہارے لےے۔۔۔‘‘ آنسو ان کی آنکھوں سے ٹپ ٹپ گرنے لگے۔
ممی کے دل میں ہمیشہ پاپا کے لےے غبار رہتا تھا۔ اس کے ممی پاپا کے بیچ اس کی پیدائش کے تقریباً ڈیڑھ سال بعد علیحدگی ہوگئی تھی۔ اس کے بعد پاپا نے بہت کوشش کی کہ کسی طرح ممی کے دل میں موجود غلط فہمیوں کو دور کر سکیں، مگر وہ اپنی ہر کوشش میں ناکام رہے تھے۔ اپنے بچوں سے ملاقات کے لےے بھی انہیں کورٹ سے آرڈر حاصل کرنا پڑا تھا مگر ایک جنگ وہ ممی سے لڑے بغیر ہی جیت چکے تھے۔ ان کا بیٹا مکمل طور سے ان کے قابو میں تھا اور یہی بات اس کی ممی کو تائو دلائے رکھتی تھی۔ وہ کورٹ آرڈر کی وجہ سے اسے اپنے پاپا سے ملنے سے نہیں روک سکتی تھیں مگر وہ اس پر ہر معاملے میں نہایت سختی روا رکھتی تھیں۔ شاید اسی وجہ سے وہ ان سے اتنا خائف رہتا تھا لیکن اس کا مطلب یہ نہیں تھا کہ وہ ماں سے محبت نہیں کرتا تھا۔ انہیں اس طرح سے روتا دیکھ کر اس کے دل کو کچھ ہوا۔ وہ ان کے قریب آکر جھجکتے ہوئے کارپٹ پہ ان کے قدموں میں بیٹھ گیا۔
’’آئی ایم سوری ممی! آپ پلیز روئےے مت۔ ٹرائی ٹو انڈر اسٹینڈ می ممی! میں نے بہت کوشش کی مگر۔۔۔‘‘ وہ ان کے بہتے آنسو دیکھ کر بے حد پشیمان تھا۔
’’میں کیا کروں ممی! میرا اس طرف رجحان ہی نہیں ہے۔ مجھے بائیولوجی، کیمسٹری وغیرہ بالکل سمجھ میں نہیں آتے۔‘‘ اس کی ممی نے اپنے گھٹنوں پر رکھے اس کے ہاتھ جھٹک دےے۔
’’تمہیں احساس ہے میں نے تمہارے لےے کیا نہیں کیا۔ تمہیں بہتر سے بہتر چیز فراہم کرنے کے چکر میں، میں نے خود کو فراموش کر ڈالا۔ کتنی رقم خرچ کی میں نے تم پر۔ مہنگی کتابیں، بہترین ٹیوٹر، اعلا انسٹی ٹیوٹ، کسی ایک چیز کی۔۔۔ کسی ایک چیز کی تو لاج رکھی ہوتی سنی!‘‘ وہ ایک بار پھر رونے لگیں۔
’’مجھے پلیز معاف کر دیجےے ممی! پلیز ممی۔۔۔‘‘
’’تم ہر جگہ مجھے شرمندہ کرواتے ہو۔ تم کیسے بیٹے ہو سنی! بیٹے ایسے تو نہیں ہوتے۔ بیٹے تو مائوں کا مان ہوا کرتے ہیں۔ تم ایسے کیوں ہو سنی!‘‘ اب کی بار وہ بلکنے لگیں۔ یہ سلسلہ مزید چل سکتا تھا مگر دفعتاً فون کی بیل بج اٹھی۔ ممی نے بہتے آنسو پونچھ کر فون اٹھالیا۔ دوسری جانب اس کے پاپا تھے۔
’’وہ تم سے بات نہیں کرنا چاہتا۔‘‘ انہوں نے سختی سے کہہ کر فون بند کر دیا جبکہ وہ بے چینی سے پاپا کے فون کا منتظر تھا۔
’’آپ کو جھوٹ نہیں بولنا چاہےے تھا ممی!‘‘ اس کا اتنا کہنا قیامت ہوگیا۔
’’تمہیں میرے جھوٹ یاسچ کی پروا نہیں ہونی چاہےے۔ تم صرف اپنی پروا کرو یا پھر اپنے باپ کی۔ تمہاری بلا سے میں جیوں یا مروں۔ وہ ہے نا تمہارا باپ۔‘‘ انہوں نے اس کے پاپا کے لےے بلا دریغ دو تین گالیوںکا استعمال کیا۔
’’آپ مجھے گالیاں دے لیجےے مگر پاپا کے لےے ایسے الفاظ استعمال کرنے کی ضرورت نہیں۔‘‘ وہ یک دم مشتعل ہو کر بولا۔ اس کا لہجہ اتنا اونچا تھا کہ لمحہ بھر کو اس کی ممی بھی خاموش ہوگئیں۔
’’تمہیں میرے ساتھ زیادہ زبان چلانے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہاں سے اٹھو، اپنے کمرے میںجائو۔ اب کی بار میں تمہارے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتوں گی۔ آج کی تاریخ میں لکھ لو، ٹھیک چھ ماہ بعد میں تمہیں سڈنی بھجوادوں گی۔ مجھے تمہارے جیسے پیراسائٹ کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ ان کی بات سن کر وہ بدک گیا۔
’’آپ شاید اپنے حواسوں میں نہیں ہیں ممی! میں کبھی سڈنی نہیں جائوں گا۔ آپ کو میرے جیسے پیراسائٹ کی ضرورت نہیں ہے تو کوئی بات نہیں، میں پاپا کے پاس چلا جاتا ہوں۔‘‘ اس نے انہی کے انداز میں ہٹیلے پن سے کہا۔ اسے جواب دینا بھی انہوں نے مناسب نہیں سمجھا۔ وہ خاموشی سے اٹھیں اور اپنے کمرے کی سمت چل دیں۔
’’تم جانتے ہو میں اپنے فیصلے تبدیل نہیں کرتی۔‘‘ لائونج کا دروازہ چھوڑنے سے پہلے انہوں نے کہا۔
’’میں بھی آپ ہی کا بیٹا ہوں ممی!‘‘ وہ چلّا کر بولا لیکن اس کی آواز در و دیوار سے ٹکرا کر واپس آگئی تھی۔ ممی کمرے سے جا چکی تھیں۔ وہ کافی دیر تک وہیں بیٹھا کھولتا رہا پھر اس نے سینٹرل ٹیبل پر پڑا کرسٹل کا نفیس سا گلدان اٹھا کر دیوار پر دے مارا۔
’’میں مر کر بھی آسٹریلیا نہیں جائوں گا، کبھی نہیں، کبھی بھی نہیں۔ آپ لکھ لیجےے ممی! میں نہیں جائوں گا۔‘‘ وہ کافی دیر تک اونچی آواز میں بڑبڑاتا رہا۔ اپنے کمرے میں آکر بھی اس کا غصہ کم نہیں ہوا تھا۔ وہ اپنے موبائل سے پاپا کے موبائل پر کال کرتا رہا مگر کوئی رسپانس نہیں آرہا تھا۔ کافی دیر تک غصہ کرنے کے بعد وہ بستر پہ گر گیا اور چھوٹے بچوں کی طرح رونے لگا۔
یونہی روتے روتے نہ جانے کب اس کی آنکھ لگ گئی عام حالات میں تو اماں بی اسے صبح جگا دیا کرتی تھیں مگر جب بھی اس کا اور ممی کا جھگڑا ہوتا تو وہ بھی اس سے کنارہ کشی اختیار کر لیتیں کہ بہرحال ملازمہ تھیں اور مالکن کے مزاج کے مطابق چلنے میں ہی عافیت سمجھتی تھیں۔
اسے ممی کے ساتھ باقی گھر والوں پہ بھی غصہ آنے لگا۔ اس کی بہن بالکل اس کی ممی کی کاربن کاپی تھی۔ اسے جب ضرورت ہوتی تو وہ بھائی سے محبت سے بات کرلیتی تھی، ورنہ اپنی دنیا میں مگن رہتی۔ اس کے لا تعداد فرینڈز اور ایک عدد منگیتر ہی اس کی زندگی کا محور تھے۔ ایسے میں وہ بے چارا خود کو بہت مس فٹ محسوس کرتا۔ وہ ممی سے یا بہن سے کوئی بھی بات ڈسکس نہیں کر سکتا تھا۔
’’میں بھی دیکھتا ہوں ممی مجھے پاکستان چھوڑنے کے لےے کس طرح مجبور کرتی ہیں۔‘‘ یہی سب سوچتے ہوئے وہ بستر سے اتر کر زمین پہ کھڑا ہوگیا۔ اپنی ٹی شرٹ اتار کر اس نے بیڈ پر پھینک دی اور آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر اپنے مسلز پھلا پھلا کر دیکھنے لگا۔ اچھی خوراک اور ورزش کی وجہ سے وہ اپنی عمر سے کافی بڑا دکھائی دیتا تھا۔ اپنا جائزہ لینے کے بعد وہ دیوار گیر الماری کی جانب بڑھا۔ سی ڈی پلیئر کے پاس آکر اس نے ایک سی ڈی منتخب کر کے چلا دیا۔ والیوم فل کر کے وہ وارڈ روب کی سمت آیا پھر کپڑوں کے نیچے سے اس نے مارون گولڈ کا پیکٹ نکالا تھا۔ یہ لت اسے چند دن پہلے لگی تھی۔ سگریٹ سلگا کر اس نے پیکٹ کو دوبارہ چھپایا اور خود بیڈ پر ڈھیر ہو کر سگریٹ اور میوزک سے لطف اندوز ہونے لگا۔
٭٭٭
’’میں تزئین بخاری ہوں۔‘‘ مریم نے اس آواز پہ سر اٹھا کر دیکھا پھر جھجکتے ہوئے اپنے سامنے کھڑی اس دراز قامت لڑکی کا ہاتھ تھام لیا۔ اس لڑکی کے مقابلے میں مریم گھبرائی ہوئی لگ رہی تھی بلکہ اس پہ کیا موقوف شہر کے سب سے بڑے اسپتال کے نرسنگ اسکول کے اس ہال میں موجود بہت سی لڑکیاں کافی سے زیادہ گھبراہٹ اور ہچکچاہٹ کا شکار تھیں۔ کلاس میں یہ ان سب کا پہلا دن تھا۔ ایسی صورت حال میں تزئین بخاری کے اس کے ساتھ والی کرسی پر آکر بیٹھنے اور مخاطب کرنے میں پہل کرنے سے مریم کو بہت ڈھارس ملی۔
’’میں مریم چوہدری ہوں۔‘‘ اس نے جھجکتے ہوئے اپنا نام بتایا۔
’’نائس ٹو میٹ یو۔ ویسے تمہیں تعارف کی ضرورت نہیں۔ تمہارے مارکس اتنے اچھے ہیں کہ تقریباً ساری کلاس تمہیں تمہارے نام سے مخاطب کرنے کی بجائے آٹھ سو نمبر والی لڑکی کہہ کر تمہارا ذکر کر رہی ہیں۔‘‘ تزئین نے سابقہ انداز میں کہا تو مریم کو شرم سی آگئی۔ پہلی تعارفی کلاس میں اپنا تعارف کرواتے ہوئے اس نے میڈم کو اپنے کل نمبرز بھی بتائے تھے۔ میڈم کے ساتھ ساتھ پوری کلاس بھی کافی متاثر ہوئی تھی۔ آٹھ سو یا آٹھ سو سے زیادہ نمبرز لے کر پری میڈیکل پاس کرنا اتنی حیرانی والی بات نہیں تھی۔ حیرانی والی بات یہ تھی کہ اتنے شاندار مارکس لے کر ایک لڑکی نرسنگ پڑھنے چلی آئی تھی۔ میڈم نے سب لڑکیوں کو مریم کے لےے تالیاں بجانے کے لےے کہا تھا۔ تب بھی مریم شرما سی گئی تھی۔
’’ارے تم ایسے شرما رہی ہو جیسے آٹھ سو نمبر تمہارے دولہا کا نام ہے۔‘‘ تزئین نے ہلکا سا قہقہہ لگاتے ہوئے کہا۔ مریم کی شکل ایک بار پھر دیکھنے والی تھی۔ اس کی دودھیا رنگت پہ سرخی پھیلنے میں بس لمحہ لگتا تھا۔ اسے تزئین کی بات عجیب سی لگی۔ وہ شرما نہیں رہی تھی، بس اسے تعریف سمیٹنے کا طریقہ نہیں آتا تھا۔
’’مجھے لگتا ہے، میں اس کلاس کی واحد گھوڑی ہوں، باقی سب تو میرے مقابلے میں بکریاں لگ رہی ہیں۔‘‘ اس کی خاموشی سے اکتا کر تزئین نے کہا تو مریم کو ایک بار پھر مسکرانا پڑا۔ وہ اس کی بات کی تردید کےے بغیر کلاس کا جائزہ لینے لگی۔ وہ کچھ ایسا غلط بھی نہیں کہہ رہی تھی۔ کلاس کی باقی لڑکیاں بشمولِ مریم کے اتنی دراز قامت نہیں تھیں، جتنی کہ تزئین اور یہی قد و قامت اسے نمایاں کرنے میں اہم کردار اد اکر رہا تھا۔
’’تمہاری اسکن بہت خوب صورت ہے۔ کیا استعمال کرتی ہو؟‘‘
اب کی بار بھی تزئین کے سوال نے مریم کو الجھا دیا۔ وہ باقی لڑکیوں کی طرح گھبراہٹ و ہچکچاہٹ کا ذکر کرنے کی بجائے عجیب ہی باتیں کر رہی تھی۔
’’پہلے میری اسکن بھی بہت اچھی ہوتی تھی، فریش اور گلوئنگ پھر پمپلز ہونا شروع ہوگئے۔ دراصل مجھے میک اپ کرنے کا بہت شوق ہے۔ ہر وقت چہرے پہ الا بلا تھوپنے کے باعث یہ حشر ہوگیا۔‘‘ وہ مسکراتے ہوئے پر اعتماد لہجے میں اپنے چہرے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بولی۔ مریم ایک بار پھر مصنوعی انداز میں مسکرائی۔ اسے اندازہ ہورہا تھا کہ تزئین کو سننے سے زیادہ بولنے میں دلچسپی ہے۔ وہ مریم کے استفسار کے بغیر مریم کو بتانے لگی کہ اس کی چکنی جلد کے لےے وہ کون کون سے ٹوٹکے استعمال کرتی ہے۔ مریم کو ایسی باتوں میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ لائف بوائے صابن سے نہانے والی اور لسّی سے بال دھونے والی مریم چوہدری کے لےے اسکربنگ، کلینزنگ، اسٹرنجنٹ وغیرہ جیسے الفاظ بہت نئے اور انوکھے تھے۔ وہ تزئین کی باتیں نہایت عدم دلچسپی سے سن رہی تھی جب ایک نہایت مہین سی آواز اس کو سنائی دی۔
’’آپ نے مجھ سے کچھ کہا؟‘‘ اس نے بائیں طرف بیٹھی لڑکی سے استفسار کیا۔
’’جی۔۔ میں یہ کہہ رہی تھی کہ میں نے پہلی کلاس نہیں لی تھی، آپ مجھے کورس آئوٹ لائن بتادیں گی؟‘‘ وہ لڑکی پہلے سے بھی زیادہ دھیمے اور مسکین سے لہجے میں بولی۔ مریم کو دل ہی دل میں تھوڑا سا اطمینان ہوا کہ کوئی لڑکی اس سے بھی زیادہ گھبراہٹ کا شکار تھی، وگر نہ تو وہ خود کو ہی سب سے زیادہ پزل محسوس کر رہی تھی۔
’’آپ کا نام کیا ہے؟‘‘ مریم نے اپنی نوٹ بک کھولتے ہوئے اس سے پوچھا۔ تزئین ان دونوں کو باتیں کرتا دیکھ کر کسی اور لڑکی کی طرف متوجہ ہوچکی تھی۔
’’روبینہ یاسمین۔‘‘ وہ لڑکی بولی۔ اس کی آواز بہت باریک تھی اور اس کے بولنے کا انداز ایسا تھا جیسے ابھی رو دے گی۔
’’میں آپ کو آئوٹ لائن لکھوا دیتی ہوں مگر آپ پریشان مت ہونا۔ ابھی تو ابتدا ہے، اس لےے بہت مشکل لگے گا مگر ظاہر ہے ہم انٹر تک یہی باتیں بہت مرتبہ پڑھ چکے ہیں، اس لےے۔۔۔‘‘
’’میں نے تو ابھی میٹرک کیا ہے۔‘‘ وہ مریم کی بات کاٹ کر بولی۔
’’اچھا۔‘‘ وہ حیرت سے بولی۔
’’پہلے سال جنرل نرسنگ میں ہمیں اٹانومی، فزیالوجی، کمیونٹی میڈیسن، نیوٹریشن، انگلش اور مائیکرو بائیالوجی پڑھائیں گے۔ پہلے تین ماہ صرف بنیادی چیزیں پڑھائیں گے پھر۔۔۔‘‘
’’فزیالوجی کے اسپیلنگز بتادیں پلیز۔‘‘ روبینہ اس کی بات کاٹ کر سر جھکائے ہوئے دھیمے لہجے میں بولی تو مریم کے منہ کا زاویہ بگڑتے بگڑتے رہ گیا۔
’’واٹ ربش۔ تمہیں فزیالوجی کے اسپیلنگز بھی نہیں آتے۔ لائو میں لکھ دیتی ہوں کورس آئوٹ لائن۔‘‘
مریم کے کچھ کہنے سے قبل تزئین نے روبینہ کے ہاتھ سے نوٹ بک لے کر اس پر کورس آئوٹ لائن لکھنا شروع کر دی۔ جب اس نے Physiology کو fysiology لکھا تو مریم نے گہرا سانس بھر کر اپنی نوٹ بک اس کے سامنے رکھ دی، تاکہ وہ اس پر سے نقل کر کے کورس آئوٹ لائن لکھ دے۔ ساری کلاس ہی تقریباً اپنی اپنی نوٹ بکس کھولے اسی قسم کے کاموں میں مشغول تھی۔ سب کے چہروں پر فکری مندی کے اثرات غالب تھے، کیونکہ پہلی ہی کلاس میں میڈم بتا چکی تھیں کہ جنرل نرسنگ کے لےے کوالیفائی کرنے کے لےے انہیں ٹیسٹ والے مرحلے سے گزرنا پڑے گا جو تین ماہ بعد ہونا تھا۔ا س ٹیسٹ کو کلیئر کرنے کی صورت میں ہی وہ کوالیفائی کر سکتی تھیں، وگرنہ نہیں۔
کورس آئوٹ لائن لکھ کر دینے کے بعد تزئین اب روبینہ کو پیڈی کیور اور مینی کیور کے متعلق بتا رہی تھی۔
٭٭٭
’’میں نے نرسنگ اس لےے جوائن کی کہ میں دکھی انسانیت کی خدمت کر کے یسوع مسیح کے نیک اور پیارے بندوں میں اپنا نام لکھوانا چاہتی ہوں۔‘‘ ستارہ مسیح نے سینے پہ صلیب بناتے ہوئے کہا تو ہال میں موجود بہت سی لڑکیوں نے بھی صلیب کا نشان بنایا۔ وہ تینوں ایک ہی رو میں بیٹھی یہ سب کارروائی دیکھ رہی تھیں۔ ستارہ مسیح کی بات سن کر مریم نے تالیاں بجائیں تو روبینہ بھی اس کی تقلید میں تالیاں بجانے لگی۔ جبکہ تزئین نے چیونگم چباتے ہوئے صرف ناک چڑھانے پر اکتفا کیا۔ مزاج کے تفاوت کے باوجود ان تینوں کی اچھی دوستی ہوگئی تھی۔ وہاں پر اسّی فیصد لڑکیاں کرسچن تھیں۔ دس فیصد کچھ دوسرے مذاہب سے تعلق رکھتی تھیں، جبکہ باقی پانچ فیصد مسلمان لڑکیاں تھیں۔ ان پانچ فیصد مسلمان لڑکیوں میں اگر مریم اپنی ہم مزاج لڑکی ڈھونڈنے نکلتی تو شاید اسے سارا سیشن اکیلے ہی گزارنا پڑتا، اس لےے اس نے روبینہ اور تزئین کی دوستی کو نا صرف قبول کر لیا تھا بلکہ ہاسٹل میں وہ تینوں ایک ہی کمرے میں اپنی الاٹمنٹ کروا چکی تھیں۔
ہاسٹل کے اس بڑے سے ہال میں یہ پارٹی سینئرز کی طرف سے نئی آنے والی لڑکیوں کے لےے ارینج کی گئی تھی۔ سب ہی لڑکیاں باری باری وہ وجہ بتا رہی تھیں جس کی وجہ سے انہوں نے نرسنگ کو بطور کیریئر اپنانے کا سوچا تھا۔
’’مجھے بچپن سے ہی میڈیسن پڑھنے کا شوق تھا۔ میڈیکل میں ایڈمیشن نہ ہوسکا تو میں نے یہاں ایڈمیشن لے لیا۔‘‘ اپنی باری پہ مریم نے اعتماد سے کہا۔ پہلے دن کی نسبت اب وہ کافی پراعتماد ہوچکی تھی۔
’’مجھے بھی شوق ہی ہے جی۔‘‘ روبینہ نے اپنی باری آنے پہ مخصوص انداز میں کہا۔ بہت سی لڑکیوں کے چہرے پر مسکراہٹ بکھر گئی۔ روبینہ کا لہجہ ہی کچھ اس قسم کا تھا۔
’’مجھے شوق ہی نہیں بلکہ جنون ہے۔‘‘ تزئین سپاٹ سے لہجے میں بولی۔ اس کی آنکھوں سے جھانکتا طنز مریم سے مخفی نہیں رہا تھا۔ اس کے دل میں شدت سے خواہش جاگی کہ وہ اس موضوع پر تزئین سے کھل کر بحث کرے مگر اسے موقع نہ مل سکا۔ ڈنر کے بعد پارٹی کا اختتام ہوا تو وہ اپنے اپنے کمروں میں آگئیں۔ مریم نے تہیہ کر رکھا تھا کہ آج کی رات تزئین سے وجہ دریافت کر کے رہے گی کہ اس نے یہ پروفیشن کیوں اپنایا، جبکہ وہ اسے اس قدر ناپسند کرتی تھی۔ روبینہ کے سونے تک اسے انتظار کرنا پڑا مگر اس کے سونے کا اطمینان کرنے کے بعد وہ خود کو ایک لمحہ بھی روک نہ پائی۔
’’تزئین! تم نے بتایا نہیں کہ تم نے نرسنگ کیوں جوائن کی؟‘‘ اس نے اپنے بستر پر لیٹتے ہوئے سوال کیا۔ تزئین اپنے ہاتھوں کا مساج کر رہی تھی۔ اس کی بات سن کر لمحہ بھر کے لےے رک سی گئی پھر مریم کی طرف دیکھ کر بولی۔
’’تم نے پوچھا بھی تو نہیں کہ میں نے نرسنگ کیوں جوائن کی؟‘‘ اس کے انداز میں مریم کو الجھن میں مبتلا کیا۔ اس کا خیال تھا کہ شاید تزئین اس سوال کو ٹال دے گی۔
’’میں پوچھوں گی تو تم بتادو گی؟‘‘ اس نے ایک اور سوال کیا۔
’’ویل ۔۔ ۔ بتادوں گی۔۔۔ یقینا بتادوں گی۔۔ تم سے میں کچھ نہیں چھپائوں گی کیونکہ مجھے اگلے چار سال تک تمہارے ساتھ اسی کمرے میں رہنا ہے مگر۔۔۔‘‘ اس نے جان بوجھ کر بات ادھوری چھوڑ دی پھر اپنے بستر سے اٹھ کر اس کے بستر پر آکر اسی کے سرہانے پہ سر ٹکا کر لیٹتے ہوئے بولی۔
’’مگر پھر تمہیں بھی اصل وجہ بتانا پڑے گی۔‘‘
’’میں ہال میں سب لڑکیوںکے سامنے بتا چکی ہوں اور اب پھر ایک بار بتا دیتی ہوں کہ میرا شوق مجھے اس فیلڈ میں لایا۔ میں صرف اسی فیلڈ میں کامیاب ہوسکتی تھی، اس لےے میں نے اسے بطور پروفیشن اپنانے کے لےے یہاں ایڈمیشن لے لیا۔‘‘ مریم نے ایک ہی سانس میں کہا تو تزئین کے لبوں پہ مسکراہٹ بکھر گئی جس نے مریم کو کسی قدر الجھادیا۔
’’تمہیں شاید میری بات کا یقین نہیں ہے بلکہ تمہیں کسی کی بھی بات کا یقین نہیں آتا۔ ہال میں جب دوسری کلاس فیوز نے یہ سب کہا تب بھی تمہارے چہرے پر ایسی ہی مسکراہٹ تھی جیسی اب تمہارے چہرے پہ ہے۔‘‘ وہ جل کر بولی تو تزئین ہنس دی۔
’’میرے چہرے پر ایسی مسکراہٹ اس لےے آتی ہے کہ میں تم سب لوگوں کے کھوکھلے لہجے با آسانی پہچان سکتی ہوں۔ اگر کوئی یہ لڑکی کہے کہ وہ نرسنگ کی طرف اس لےے آئی کہ اسے شوق ہے تو مجھے یہ اس صدی کا سب سے بڑا لطیفہ لگتا ہے۔ بھلا کوئی انسان اپنی ضرورت کو اپنا شوق کیسے کہہ سکتا ہے؟‘‘ وہ سادہ سے انداز میں ایک تلخ سی بات کہہ رہی تھی۔ مریم کو اس کی بات سے اتفاق نہیں تھا مگر وہ خاموش رہی تاکہ تزئین اپنی بات مکمل کرے۔
’’تم جانتی ہو میں نے یہ فیلڈ کیوں اپنائی؟ کیونکہ اس میں مجھے اتنے روپے مل جائیں گے کہ میں اپنی بہت سی معاشی ضروریات با آسانی پورے کرنے کے قابل ہوجائوں گی، کسی بھی اور پروفیشن کو اپنانے کے لےے۔ سب سے پہلے مجھے اس کے متعلق سب پڑھنا پڑے گا اور پھر جاب حاصل کرنے کا ایک ناختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوجائے گا جبکہ نرسنگ میں تو ابتدائی مہینوں میں ہی الائونس ملنے لگتا ہے۔‘‘ وہ لمحہ بھر کے لےے سانس لینے کو رکی۔
’’یہ صرف اور صرف میری ضرورت ہے مریم! تم جانتی ہو میرے باپ نے میری امی کو تب چھوڑ دیا تھا جب میں صرف تین دن کی تھی۔ میری امی کا قصوریہ تھا کہ انہوں نے دوسری بیٹی کو جنم دیا تھا جبکہ میرے باپ کو بیٹے کی خواہش تھی۔ میری امی مجھے اور میری دو سالہ بہن کو لے کر اس دنیا کی ٹھوکریں کھانے کے لےے شوہر کے گھر کو چھوڑ کر آنے کے لےے مجبور کر دی گئیں۔ امی نے ایک پارلر میں ہیلپر کی حیثیت سے ملازمت کر لی۔ وہ ساری زندگی روپے جمع کرنے کی کوشش کرتی رہیں تاکہ اپنا ذاتی پارلر بنا سکیں دن رات کی محنت کے باوجود وہ کبھی اتنے روپے جمع نہیں کر پائیں۔ میری بہن نے سترہ سال کی عمر میں ایک بوتیک میں جاب کرلی اور آج تک وہ یہی جاب کر رہی ہے۔ اس کے پاس کبھی اتنی رقم جمع نہ ہوسکی کہ اس بوتیک سے خود اپنے لےے ایک سوٹ ہی خرید سکے۔‘‘ اتنا کہہ کر وہ خاموش ہوگئی۔ اس کی آنکھیں خشک تھیں مگر لہجہ سسک رہا تھا۔
’’میں جانتی ہوں، میری امی اور میری بہن ہمیشہ اپنی چھوٹی چھوٹی خواہشات کے لےے سسکتی رہیں گی۔ ان دونوں کو ملنے والے دو دو ہزار روپے ہمیں زندگی کی ہر چھوٹی آسائش کے لےے ترسانے کے علاوہ اور کچھ نہیں کر سکتے۔ مجھے دیکھ کر شاید تمہیںیہ لگتا ہو کہ میں بہت مالدار لڑکی ہوں مگر یہ سب ملمع کاری ہے جو میں نے خود پر کی ہے۔ میں نہیں چاہتی کہ لوگ مجھے غریب سمجھ کر دھتکاریں۔ میں اپنی امی اور بہن کی طرح ترس ترس کر جینا نہیں چاہتی۔ میں ایئر ہوسٹس کے لےے قومی ایئر لائن میں بھی اپلائی کر چکی ہوں۔ میں نے ماڈلنگ کے لےے بھی آڈیشن دےے ہیں مگر وہاں میری قسمت نے ساتھ نہیں دیا، اس لےے میں نے اس فیلڈ کو اپنالیا۔ حالانکہ میری امی کی اخلاقیات پہ اس بات سے بہت کاری ضرب پڑی ہے مگر پھر بھی میں خوش ہوں کہ ان پر فی الحال بوجھ نہیں بنوں گی۔ الائونسز ملنا شروع ہوں گے تو میں ، امی اور باجی سے ایک روپیہ لینا بھی چھوڑ دوں گی۔‘‘ مریم خاموشی سے اس کی بات سن رہی تھی، مگر بات مکمل ہوجانے پہ وہ تڑپ کر بولی۔
’’تمہاری امی تمہارے اس فیصلے سے ناخوش کیوں ہیں؟‘‘ تزئین نے جواب دینے کی بجائے ایک استہزائیہ سی مسکراہٹ کے ساتھ اسے دیکھا۔
’’اتنی معصوم مت بنو مریم! میری امی تو میرے عزائم سے ویسے بھی خائف رہتی ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ میں چند روپوں کی خاطر ہر حد پار کر سکتی ہوں۔ انہیں میرا کوئی بھی کام پسند نہیں ہے۔ انہیں ایئر ہوسٹنگ نا پسند ہے۔ شاید انہیں میں بھی ناپسند ہوں۔ ہر وہ کام جو ہمیں جلد امیر کر سکتا ہے، انہیں ناپسند ہے۔‘‘ مریم کو تزئین کی باتیں بہت عجیب اور تکلیف دہ لگ رہی تھیں۔ اس کے ابو نے بھی اس کے اس فیلڈ کو اپنانے کے فیصلے کی مخالفت کی تھی مگر اس کی ضد کے آگے ان کی ایک نہیں چلی تھی، مگر اس کے ابو کے دل میں تزئین کی امی کی طرح کے خدشات نہیں تھے۔
٭٭٭
’’مریم۔۔۔‘‘ ناشتا کے فوراً بعد وہ اپنا یونیفارم پریس کر رہی تھی، جب عقب سے تزئین کی آواز سنائی دی۔ اس نے منہ سے کچھ کہنے کی بجائے صرف گردن موڑ کر دیکھنے پہ اکتفا کیا۔
’’میں امید رکھتی ہوں کہ جو کچھ میں نے رات کو تم سے ڈسکس کیا، وہ سب تم بھول چکی ہوگی۔‘‘ تزئین کے لہجے میں اس قدر سادگی و بے بسی تھی کہ مریم کے چہرے پر مسکراہٹ بکھر گئی۔وہ مریم سے اپنا ہر راز کہ دینے کے بعد اب خدشات کا شکار تھی۔ مریم نے استری کا پلگ اتارا اور تزئین کے قریب آگئی۔
’’میں نے تمہیں دوست کہا ہی نہیں دل سے تسلیم بھی کیا ہے اور جسے میں دوست مان لیتی ہوں، اس کے ساتھ میں مرتے دم تک دوستی نبھاتی ہوں۔ رات جو کچھ تم نے مجھ سے کہا، میں نے سب بھلا دیا ہے۔‘‘ وہ اس کا ہاتھ اپنے ہاتھوں میں لے کر محبت سے بولی۔ تزئین کے چہرے پر تشکرانہ جذبات ذرا کی ذرا چمکے پھر وہ اپنی جون میں واپس آتے ہوئے بولی۔
’’ایک بات کا دھیان رکھنا، آئندہ کبھی مجھ سے سورج ڈھلنے کے بعد اتنی محبت سے کچھ مت پوچھنا۔ میرا دماغ خراب ہوجاتا ہے۔‘‘ مریم زور سے ہنس دی، اسی وقت روبینہ کمرے میں داخل ہوئی۔
’’تم مجھ پر ہنس رہی تھیں نا؟‘‘ ہاسٹل میں اور پھر نرسنگ اسکول میں بہت سی لڑکیوں کے ساتھ وقت گزار کر وہ اپنے بارے میں کچھ محتاط ہوچلی تھی۔
’’ارے نہیں پاگل۔ دراصل میں نے مریم کو لطیفہ سنایا تھا، اس لےے یہ ہنس رہی تھی۔ تم نے شاور نہیں لیا؟‘‘ تزئین نے اس کو ٹالنے والے انداز میں کہا پھر اس کا خشک سر دیکھ کر استفسار کیا۔
’’میں نے تو کچھ نہیں لیا۔‘‘ روبینہ نا سمجھی کے انداز میں بولی تو تزئین اور مریم دونوںہی ہنس دیں۔ روبینہ کی انگزیزی کافی سے زیادہ خراب تھی۔
’’تزئین نے پوچھا ہے تم نہائیں کیوں نہیں؟‘‘ مریم نے سمجھانے والے انداز میں کہا۔ روبینہ نے کندھے پر رکھا تولیہ بستر پر پھینکا اور خود تزئین کے بستر پر دھپ سے بیٹھ گئی۔
’’میں اس غسل خانے میں نہیں نہا سکتی، وہاں اتنا بڑا لال بیگ ہے اور دیوار کے ساتھ ایک چھپکلی بھی چپکی ہے۔ مجھے بے پردگی کا احساس ہوتا ہے۔‘‘ روبینہ کے س طرح سے کہنے پہ وہ دونوں پھر سے ہنس دیں۔
’’اوچک جھمرہ کی شہزادی! تم یہاں کیا کرنے آگئی ہو، وہیں چک جھمرہ میں رہتیں نا۔ یعنی میڈم کو چھپکلی کے سامنے بے پردگی کا احساس ہوتا ہے۔‘‘ تزئین نے شگفتہ سے اندازمیں اسے چڑانا چاہا۔ مریم کے چہرے پر بھی مسکراہٹ بکھری۔ اسے گھر کی یاد آگئی تھی۔ اسے بھی چھپکلی اور دوسرے حشرات وغیرہ سے بہت ڈر لگتا تھا۔ برسات کے دنوں میں جب کیڑے مکوڑے نکلتے تو وہ چیخنے چلّانے لگتی۔ حیدر اس کا خوب مذاق اڑاتا اور پھر جب امی یا پھوپھو میں سے کوئی آکر پوچھتا تو عمر مسکین سی شکل بنا کرکہتا۔
’’دیکھیں نا مامی! دولہا بھائی پہلی بار گھر آئے ہیں اور مریم بی بی کس طرح شرما رہی ہیں۔‘‘ اس کا اشارہ کاکروچ یا مینڈک وغیرہ کی طرف ہوتا۔ مریم کا غصے سے برا حال ہوجاتا، جبکہ باقی سب مسکرانے لگتے۔ اب بھی یہ سب یاد آیا تو وہ مسکرانے لگی پھر تزئین اور روبینہ کو آپس میں الجھتا چھوڑ کر وہ خود غسل خانے کی سمت چل دی۔ گھر سے نکلتے ہی اسے لگنے لگا تھا جیسے وہ بہت بہادر ہوچکی ہے اور وہ لڑکی جو شہد کی مکھی سے بھی ڈرا کرتی تھی، اسی غسل خانے میں کپڑے تبدیل کرنے چل دی، جہاں ایک کاکروچ موجود تھا اور دیوار سے چھپکلی بھی چپکی تھی، کیونکہ یہاں کوئی حیدر یا عمر نہیں تھا جو اس کی تسلی کی خاطر جوتا لے کر چھپکلی کے پیچھے بھاگتے۔ اسے یہاں اکیلے رہنا تھا اور بہت سی مشکلات کا اکیلے ہی مقابلہ کرنا تھا۔
٭٭٭
’’مجھے لگتا ہے اگر ہم پاپا کے ساتھ رہا کرتے تو ہم سے زیادہ خوش قسمت کوئی نہ ہوتا۔‘‘ ڈبل روٹی کے دو سلائسز کے بیچ آملیٹ کو سیٹ کرتے ہوئے اس نے اپنی بہن سے کہا جو اس کے ساتھ والی چیئر پر بیٹھی اورنج جوس گھونٹ گھونٹ اپنے اندر منتقل کر رہی تھی۔ اس کے چہرے پر لاپروائی اور بے نیازی کا عنصر نمایاں تھا۔
’’تمہیں نہیں لگتا کہ اگر۔۔۔‘‘
’’اماں بی میرا بریک فاسٹ لے بھی آئےے۔‘‘ اس کی بہن اس کی بات کاٹ کر بولی۔ وہ ناشتے میں جوس کے بعد بوائل انڈہ کھاتی تھی جو ٹیبل پر موجود نہیں تھا۔ اپنی بہن کے اس طرح سے بات کاٹ دینے سے وہ جی بھر کر بدمزہ ہوا۔
’’بولو نا ماہی! تمہیں کبھی ایسا محسوس نہیں ہوا۔‘‘ وہ اپنا تیار کر دہ سینڈوچ نگلتے ہوئے استفسار کرنے لگا۔
’’تم چھوٹا بائٹ نہیں لے سکتے۔‘‘ اس کی بہن نے ناگواری سے اپنی ننھی سی ناک چڑھا کر کہا۔
’’تم میری بات کا جواب نہیں دے سکتیں۔‘‘ وہ اسی کے انداز میں بولا۔
’’نہیں، اس لےے کہ مجھے تمہاری بے سروپا باتوں میں کوئی انٹرسٹ نہیں ہے۔ میں ممی کے ساتھ رہنے کو بھی اپنی زندگی کی سب سے بڑی خوش قسمتی سمجھتی ہوں۔‘‘ وہ دو ٹوک انداز میں بولی۔
’’گو ٹو ہیل (بھاڑ میں جائو) تم ہو ہی احسان فراموش۔۔۔ جب بڑی بڑی امائونٹس (رقوم) چاہےے ہوتی ہیں تو کیسے پاپا کے ساتھ اپنا رویہ درست کر لیتی ہو۔ بھاگ بھاگ کر ان کے پاس جاتی ہو اور جب مطلب نکل جاتا ہے تو پھر ممی کی چمچی بن جاتی ہو۔‘‘ وہ اپنی بہن کو کھا جانے والے انداز میں دیکھتے ہوئے کہہ رہا تھا۔ اسی اثنائ میں اماںبی ناشتے کے مزید لوازمات میز پر سجانے لگیں۔وہ دونوں ان کی موجودگی کے باعث چپ ہوگئے تھے مگر ان کی نگاہوں میں ایک دوسرے کے لےے اس قدر بے زاری تھی کہ اماں بی پوچھے بنا نہ رہ سکیں۔
’’تم دونوں جھگڑا کر رہے تھے؟‘‘ اماں بی ان کی آیا تھیں اور وہ دونوں ہی اماں بی سے بہت اٹیچڈ تھے۔
’’ہم دونوں نہیں۔ صرف یہ لڑ رہا تھا مجھ سے۔ آپ جانتی ہیں اماں بی! جھگڑے کی عادت مجھے نہیں، اسے ہے۔‘‘ اس کی بہن نے اس کی طرف اشارہ کر کے کہا تو وہ بھڑک اٹھا۔
’’ہاں میں تو لڑاکا طیارہ ہوں۔ ہر وقت ہر ایک سے جھگڑنا میری تو فیورٹ ہابی ہے۔‘‘ وہ اپنے آگے رکھی پلیٹ کھسکاتے ہوئے بولا۔ پلیٹ سامنے رکھے جوس سے بھرے گلاس سے ٹکرائی۔ گلاس لڑکھڑایا اور جوس کناروںسے چھلک کر ڈبل روٹی کے سلائسز پر گرا۔ اماں بی نے حسرت سے اس کی جانب دیکھا۔ گزشتہ کچھ دنوں سے وہ کچھ زیادہ ہی چڑچڑا ہوتا جارہا تھا۔ غصیلا تو وہ بچپن سے ہی تھا مگر اب ہر ایک سے بدتیزی کرنا جیسے اس کی عادت بن چکی تھی۔ انہیں اس کی اس سرکشی سے خوف آتا تھا۔
’’ارے بیٹا! بہن نے ایسا تو نہیں کہا جو تم اس قدر بے قابو ہو رہے ہو۔ دیکھو ذرا کیا حشر کردیا تم نے۔‘‘ ان کا اشارہ میز کی ابتر حالت کی جانب تھا۔ اس نے ایک نظر میز کی جانب اور دوسری اماں بی پر ڈالی۔ اس کی آنکھیں پانیوں سے لبالب بھری تھیں۔ اماں بی کے دل کو کچھ ہوا۔ وہ اٹھارہ سالہ جوان لڑکا بالکل آٹھ سالہ بچے کی طرح لگ رہا تھا۔
’’مجھے تم سے نفرت ہے، سب سے، تم سب قابلِ نفرت ہو۔‘‘ وہ بڑبڑاتا ہوا اپنے کمرے کی جانب بڑھ گیا۔ اماں بی اور اس کی بہن نے ایک دوسرے کی جانب دیکھا پھر دونوں نے ہی ایک دوسرے سے نظر چرالیں۔
’’بچہ ہے، جذباتی ہوجاتا ہے۔ بیگم صاحبہ بھی تو زبرستی اسے سڈنی بھجوا کر اچھا نہیں کر رہیں۔‘‘ اماں بی نے جوس سے بھیگے سلائس الگ پلیٹ میں رکھتے ہوئے کہا۔
‘‘بچہ ہے۔۔؟ اماں بی! اٹھارہ سال کا ہوچکاہے، بچہ نہیں رہا، آپ جانتی ہیں یہ اسموکنگ کرنے لگا ہے۔ میں نے خود اس کو دیکھا ہے۔ بعد میں وارڈ روب چیک کی تو وہاں سگریٹ کا پیکٹ بھی ملا اور آپ کہتی ہیں۔۔۔‘‘ اس کی بہن کو جوش جذبات میں پتا نہیں چلا کہ وہ اس کے پیچھے آکر کھڑا ہوچکا ہے۔
’’ہاں نہیں ہوں میں بچہ۔۔۔ بہت بڑا ہوچکا ہوں اور کرتا ہوں میں اسموکنگ، تمہیں کیا۔ میں وہی کروں گا جو میری مرضی ہوگی۔ میں نے تو کبھی تمہیں نہیں روکا کہ اپنے درجن بھر بوائے فرینڈز سے فون پر لمبی لمبی باتیں نہ کرو۔ ان کے ساتھ گھومنے مت جائو، پھر تم کیوں میری ہربات میں دخل اندازی کرتی ہو؟‘‘ وہ چبا چبا کر بولنے لگا۔ اس کی آنکھیں سرخ ہورہی تھیں۔ ایک لمحے کے لےے تو وہ بھی اس کی حالت سے ڈر گئی۔
’’میں تم سے بات نہیں کر رہی۔۔۔‘‘
’’تم مجھ سے بات نہیں کر رہیں مگر میرے بارے میں تو بات کر رہی ہو۔‘‘ وہ اس کی بات کاٹ کر غرایا۔
’’دیکھو سنی! میرے ساتھ زیادہ زبان چلانے کی ضرورت نہیں ہے۔تم ممی کا غصہ مجھ پر مت نکالو۔ تمہیں ممی کے ساتھ رہنا ہے یا پاپا کے ساتھ، یہ تمہارا پرسنل پرابلم ہے۔ میرے ساتھ بدتمیزی مت کرو، ورنہ میں ممی کو بتادوں گی کہ تم اسموکنگ کرتے ہو۔‘‘ اس کی بہن کے دھمکی آمیز لہجے نے اسے مزید سلگا دیا۔
’’او شیور، وائے ناٹ۔ تم ابھی جا کر ممی کو بتادو۔ مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے۔ میں کسی سے ڈرتا نہیں ہوں۔ بس اتنا یاد رکھنا کہ پرسوں تم ممی سے لیلیٰ کے گھر پارٹی میں جانے کی پرمیشن لے کر گئی تھیں مگر لیلیٰ تو ایک ہفتہ قبل اپنے پیرنٹس کے ساتھ میونخ روانہ ہوچکی تھی۔ لیلیٰ کا بھائی میرا دوست ہے۔ پرسوں تم جب واپس آئی تھیں تو میں جاگ رہا تھا اور تم جس لڑکے کے ساتھ واپس آئی تھیں، اسے میں بہت اچھی طرح جانتا ہوں۔ وہ وہی تھا نا افتخار علی۔۔۔ ممی کے بزنس پارٹنر اطہر علی کا بیٹا۔۔۔۔ تمہیں ممی نے پہلے بھی منع کیا تھا نا کہ اس لڑکے کے ساتھ میل جول ختم کردو، تمممی کو بتائو گی تو میں بھی۔۔۔‘‘ وہ اس قدر اطمینان سے بول رہا تھا جبکہ اماں بی بے بسی و بے چارگی سے بہن بھائی کے اس جھگڑے کو دیکھ اور سن رہی تھیں۔ دونوں کا چہرہ لال بھبھوکا ہورہا تھا۔
’’میں تمہارا منہ توڑ دوں گی، تمہیں شرم نہیں آتی۔۔۔‘‘
’’ہاں مجھے شرم نہیں آتی اور تم مجھے ہاتھ لگا کر دکھائو۔ میں تمہیں شوٹ کردوں گا۔‘‘ وہ آپے سے باہر ہورہا تھا۔ اماں بی لرز اٹھیں۔
‘‘بس بیٹا! خدا کے واسطے بس کرو، بہن ہے تمہاری۔‘‘ وہ اس کے آگے ہاتھ جوڑ کر بولیں۔ ان کی آنکھ سے ٹپ ٹپ گرے آنسو اسے شرمسار کررہے تھے۔ اس اتنے بڑے گھر میں اسے صرف اماں بی سے ہی محبت تھی۔ وہ دھپ دھپ کرتا ڈائننگ روم کے دروازے سے باہر نکل گیا۔
’’سمجھتا کیا ہے خود کو، میں تو اب کبھی اس سے بات نہیں کروں گی۔ ممی کے ساتھ کرے اتنے نخرے۔ میں ایسا رویہ نہیں برداشت کر سکتی۔‘‘ وہ بڑبڑاتے ہوئے اپنے آنسو پینے کی کوشش کر رہی تھی۔
٭٭٭
’’حیدر بھائی! اپنی گھیا توری کالی ہوگئی ہے نا۔‘‘ عمر نے محبت سے اس کی طرف دیکھتے ہوئے چڑانے والے انداز میں کہا۔ مریم کے چہرے پر مسکراہٹ بکھر گئی۔ تین ماہ قبل عمر جب اس طرح کی کوئی بات کرتا تھا تو مریم بلا جھجک اپنا جوتا اس کی پشت پر رسید کرنے کو بھاگتی تھی مگر اب شاید حالات بدل گئے تھے۔ وہ کنفرمیشن لیٹر لینے کے بعد پہلی مرتبہ گھر آئی تھی اور سب گھر والے اس کے ساتھ ایسا سلوک کر رہے تھے، جیسے وہ کسی سلطنت کی ملکہ ہے۔ امی نے اس کے لنچ کے لےے اپنی ایک موٹی تازی مرغی قربان کی تھی۔ پھوپھو اپنے ہاتھوں سے خربوزے کی قاشیں کاٹ کاٹ کر اسے کھلانے پہ تلی ہوئی تھیں۔ حیدر آتے جاتے صرف شرمیلی مسکراہٹ اچھالنے پر اکتفا کر رہا تھا اور عمر جو پہلے کبھی اس کے نام کے ساتھ باجی یا آپا جیسی کوئی چیز نہیں لگاتا تھا، گزشتہ ایک دن سے اسے آپی مریم کہہ کر مخاطب کر رہا تھا۔
’’کیا میری ترقی ہوگئی ہے؟‘‘ اس نے عمر سے سوال کیا۔ وہ اس کے منہ سے آپی مریم سن کر ہی حیران پریشان ہوگئی۔
’’ویسے تو مجھے یقین ہے ایسا نہیں ہوا لیکن اگر سچ مچ ایسا ہوچکا ہے تو یہ یقینا اس صدی کا سب سے بڑا معجزہ ہے۔‘‘ حیدر نے ہونٹ سکیڑ کر افسوس سے سر ہلاتے ہوئے کہا۔ مریم نے چارپائی پہ پڑا تکیہ اسے دے مارا جبکہ اس نے ہاتھ میں پکڑا پانی سے لبالب بھرا اسٹیل کا گلاس اس پر انڈیل دیا۔ اس کے بعد وہ تینوں پہلے کی طرح ایک دوسرے کو چڑانے اور ستانے لگے۔ عمر نے اسے ’’گھیا توری‘‘ کہا تو اس نے اطمینان کا سانس لیا۔
’’گھیا توری کالی تو نہیں ہوئی مگر سکڑ کر ہری مرچ جتنی ہوگئی ہے۔‘‘ حیدر نے ٹکڑا لگانا ضروری سمجھا۔ وہ تینوںصحن میں بچھی چارپائیوں پہ بیٹھے تھے۔ امی اور پھوپھو صحن میں ہی بنے مٹی کے چولہے پر ہنڈیا چڑھائے رات کے کھانے کی تیاری کر رہی تھیں۔ مغرب کی اذان ہوئے کافی دیر ہوچکی تھی۔ تاریکی نے صحن میں اپنا پھن پوری طرح پھیلا لیا تھا۔ صحن میں چولہے کے پاس ایک زرد رنگ کا بلب روشن تھا جس کی زرد زرد سی روشنی سارے صحن میں پھیلی ہوئی تھی۔ وہ گھر بھر کی چہیتی و لاڈلی تھی۔ اس کے گھر میں موجود ہونے سے ایک عجیب طرح کی رونق سارے گھر میں محسوس کی جاسکتی تھی۔ عمرکسی کام سے اٹھ کر باہر چلا گیا۔ وہ دونوں ہی اب ایک چارپائی پر بیٹھے تھے۔ صحن میں لگے نیم کے درخت کے تنے پر ننھے ننھے سے نقطے جگمگارہے تھے۔
’’وہ دیکھو جگنو۔‘‘ حیدر نے مریم کی توجہ ان ٹمٹماتے نقطوں کی جانب دلائی۔ مریم اسی سمت دیکھ رہی تھی۔ حیدر اٹھ کر تنے کے قریب گیا اور چند لمحوں بعد وہ ننھے ننھے نقطے اس کے ہاتھوں میں منتقل ہوچکے تھے۔
’’اپنا ہاتھ دو۔‘‘ اس نے مریم کے قریب آکر کہا۔ مریم نے اپنی ہتھیلی اس کے سامنے پھیلادی۔ اب حیدر کے ہاتھ کے جگنو مریم کی ہتھیلی میں منتقل ہوگئے۔ حیدر ایک بار پھر اس کے قریب بیٹھ گیا۔ اس کے بیٹھے ہی مریم نے ہاتھ کھول دیا۔ جگنو ایک ایک کر کے اڑ گئے۔ حیدر نے حیرت سے اس کا یہ عمل دیکھا۔ یہ اس کا پسندیدہ کھیل تھا۔ وہ جگنوئوں کو بوتل میں بند کر کے تاریکی میں رکھ دیتی اور پھر دیکھ دیکھ کر خوش ہوتی۔
’’روشنی قید ہو کر بھی روشنی رہتی ہے پھر اسے قید کرنے کا فائدہ۔‘‘ حیدر کے چہرے پر پھیلے بڑے سے سوالیہ نشان کا جواب دیتے ہوئے مریم نے کہا۔ حیدر چند لمحے یک ٹک اسے دیکھتا رہا۔ وہ کیا کہنا چاہتی تھی، وہ سمجھ نہیں پایا۔
’’تم بہت بدل گئی ہو مریم!‘‘ کچھ دیر بعد وہ بولا۔
’’کوئی نہیں۔ میں تو پہلے جیسی ہی ہوں۔‘‘ وہ ناک چڑھا کر بولی۔
’’ایسا لگ رہا ہے جیسے مجھ سے زیادہ تم خود کو یقین دلا رہی ہو۔‘‘ حیدر نے مسکراتے ہوئے کہا، مگر مریم سنجیدہ ہوگئی۔
’’مطلب؟‘‘ اس نے استفہامیہ انداز میں کہا۔
’’یار! میرے کہنے کا مطلب ہے کہ تبدیلی برحق ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ سب تبدیل ہوجاتے ہیں۔ بس اسی طرح تم بھی تبدیل ہوگئی ہو۔‘‘
’’مثلاً؟‘‘ مریم نے مزید سنجیدگی اختیار کرتے ہوئے پوچھا۔
’’مثلاً یہ کہ پہلے تم جوتے کو جوتا کہتی تھیں، اب شوز کہتی ہو۔ پہلے تم غسل خانے کو غسل خانہ ہی کہتی تھیں اب باتھ روم کہتی ہو اور پہلے۔۔۔‘‘
’’پہلے میں حیدر کو گدھا کہتی تھی، اب میں حیدر کو ڈونکی کہنے لگی ہوں۔‘‘ وہ حیدرکی بات کاٹ کر بولی تو اندر کمرے میں داخل ہوتے ہوئے ابو بھی مسکرادےے۔
’’اپنے ابو جی کے لےے کون سا لفظ منتخب کیا ہے ہماری گڑیا نے۔‘‘ انہوں نے مریم کے پاس بیٹھ کر شفیق سے لہجے میں پوچھا تو اس نے ’’میرے پیارے ابو جی۔‘‘ کہہ کر ان کے کندھے سے سر ٹکا دیا۔ اس جذباتی منظر میں گِھر کر اصل بات کہیں پیچھے رہ گئی ، مگر مریم کے ذہن سے نہ نکل سکی۔ رات کو اپنے بستر پر لیٹ کر وہ حیدر کے اس معصوم الزام کویاد کرتی رہی اور تاروں سے بھرے آسمان کو دیکھتے ہوئے دل ہی دل میں تردید کرتی رہی۔ صبح اٹھتے ہی اس نے پھوپھو سے پوچھا تھا۔
’’پھوپھو جان! کیا میں تبدیل ہوگئی ہوں؟‘‘ پھوپھو لکڑیاں چولھے میں دےے پھونکنی کی مدد سے انہیں سلگانے کی کوشش کر رہی تھیں، اس کی بات سن کر رک گئیں، کھانسیں اور پھر مسکرادیں۔
’’میں کل رات بھابھی سے یہی بات کر رہی تھی کہ ہماری مریم بہت بدل گئی ہے۔‘‘ ان کی بات سن کر مریم کا چہرہ اتر سا گیا۔ وہ بات جو اس کے سب گھر والے محسوس کر رہے تھے۔ وہی بات اسے کیوں محسوس نہیں ہورہی تھی۔
’’میری بیٹی پہلے سے بہت سوہنی، بہت پیاری ہوگئی ہے۔‘‘ وہ گہری سانس بھر کر پراٹھوں کے لےے پیڑے بنانے لگی۔ گھر میں شروع سے سب پراٹھے ہی کھاتے تھے۔ ناشتے میں چائے کے ساتھ رات کا سالن، اچار اور دہی سب کو بہت پسند تھا۔ اس نے سب افراد کے حساب سے گن کر آٹے کے پانچ پیڑے بنائے اور تب ہی اسے احساس ہوا تھا کہ حقیقتاً وہ کچھ نہ کچھ تبدیل ضرور ہوئی ہے۔ وہ بھی بچپن سے پراٹھا کھاتی آئی تھی مگر پہلی بار اس نے اپنے لےے پراٹھا نہیں بنایا تھا۔ اتنے دن تک دودھ اور ڈبل روٹی کا ناشتا کرتے رہنے کے بعد اب اس کا دل نہیں چاہ رہا تھا کہ وہ پراٹھا ناشتے میں کھائے۔ اس نے ہاتھ میں پکڑا آٹے کاپیڑا پرات میں رکھا اور اندر کمرے میں چل دی۔ نہ جانے کیا بات تھی اسے رونا آرہا تھا۔ بہت دیر تک وہ آنکھیں جھپک جھپک کر آنسو روکنے کی کوشش کرتی رہی مگر ناکام رہی۔ حیدر کسی کام سے کمرے میں آیا تو اسے روتا دیکھ کر پریشان ہوگیا۔
’’کیا ہوا ہے مریم!‘‘ اس نے بے چینی سے پوچھا۔ وہ چپ رہی تو وہ اور بھی مضطرب ہوا۔
’’تم بتاتی کیوںنہیں ہو کہ کیا ہوا ہے۔ اچھا میں ماموں کو بلا کر لاتا ہوں، وہی تم سے پوچھیں گے۔‘‘ وہ دھمکی آمیز انداز میں بولا۔
’’حیدر پلیز! ابو جی کو مت بلانا۔‘‘ وہ اس کے انداز پر التجا کرتے ہوئے بولی۔ حیدر خاموشی سے اس کی طرف دیکھنے لگا۔
’’ا ب بولو کیا بات ہے؟ کسی کی بات بری لگی ہے؟‘‘ اس نے بہت محبت سے پوچھا مگر پھر بھی مریم کو اس کا انداز اچھا نہ لگا۔ وہ سب مل کر اسے شہزادیوں والا پروٹوکول دے رہے تھے اور پھر شکوہ بھی اسی سے کر رہے تھے۔ وہ چپ چاپ حیدر کو تکنے لگی کہ وہ بے چارہ خجل سا ہوگیا۔
’’تم نے کیا مجھے نظر لگانی ہے؟‘‘ وہ بالوں میں انگلیاں پھیرتے ہوئے بولا۔
’’میں کیا بہت بدل گئی ہوں حیدر؟‘‘ اس نے نم آنکھوں سے اسے دیکھتے ہوئے پوچھا تو حیدر کے دل کو کچھ ہوا۔ وہ خوامخواہ ہی ہنس دیا۔
’’ارے میری بدھو مریم! تم بالکل نہیں بدلیں، ویسی ہی ہو۔ احمق اور بے وقوف اور میں بھی وہی حیدر ہوں جو تمہیں تنگ کرنے اور چڑانے کو ایسی باتیں کرتا رہتا ہے۔‘‘ وہ پہلے سے بھی زیادہ محبت بھرے لہجے میں بولا۔ مریم کے دل سے بھاری بوجھ سرکا۔
’’میں تم سے وعدہ کرتی ہوں کہ میں کبھی نہیں بدلوں گی۔‘‘ وہ اپنی آنکھوں کو ہاتھ کی پشت سے صاف کرتے ہوئے مستحکم لہجے میں بولی۔ اس کا رویا رویا چہرہ بے حد معصوم لگ رہا تھا۔ حیدر کا دل چاہا، اس کی پلکوں میں اٹکے آنسو اپنی ہتھیلیوں میں جذب کر لے۔ پہلے تو وہ بہت آرام سے روتی ہوئی مریم کو کندھے سے لگا کر دلاسا دے لیا کرتا تھا مگر گزشتہ تین ماہ نے جیسے ایک نادیدہ پردہ ان دونوں کے درمیان حائل کر دیا تھا۔ وہ چاہتے ہوئے بھی اپنی خواہش پوری نہ کرسکا۔
’’بدل تو میں بھی بہت گیاہوں یار!‘‘اس نے دل ہی دل میں خود سے کہا۔ مریم کب کی اٹھ کر باہر جاچکی تھی۔
٭٭٭
’’یہ کیا کر رہی ہیں آپ؟‘‘ ایک کرخت سی آواز اس کی سماعتوں سے ٹکرائی۔ وہ شرمندگی سے اٹھ کر بیٹھ گئی۔ وارڈز شروع ہوئے ابھی چند دن ہی ہوئے تھے۔ پہلے سال ان کی ڈیوٹیز دو سے اڑھائی گھنٹے تک کی ہوتی تھیں مگر ان مختصر ڈیوٹیز میں بھی وارڈز سے وارڈز تک اتنے چکر لگتے تھے کہ وہ تھک جاتی تھیں۔ اس کی ڈیوٹی چلڈرن وارڈ میں تھی۔ پہلے ہی کلاس میں اسے کسی بات پر پروفیسر اختر کمال سے ڈانٹ پڑ گئی تھی پھر چلڈرن وارڈ میں بچوں کے درمیان ان کی چخ چخ نے اسے بے حد تھکا دیا تھا۔ اس کے سر میں بہت درد ہورہا تھا۔ ایک بچے کی ماں واش روم کی طرف گئی تو مریم آکر اس بچے کے بیڈ پر بیٹھ گئی۔ ذرا دیر کو سستانے کے خیال سے اس نے شوز اتار کر پائوں بھی پسارلےے۔ اسی دوران اس دبلی پتلی مگر لمبی سی خاتون نے اسے اس کی غلط حرکت کا احساس دلایا۔
’’محترمہ! آپ شاید بھول گئی ہیں کہ آپ اپنے گھر کے لائونج میں نہیں بلکہ ہاسپٹل کے وارڈ میں بیٹھی ہیں۔‘‘ وہ خاتون تنک کر بولیں۔ مریم نے انہیں پہچان لیا تھا، وہ سینئر موسٹ وارڈ سسٹر زینت آغا تھیں، جنہیں سب میڈم زینت کہہ کر مخاطب کرتے تھے۔ ہفتہ بھر قبل جب فرسٹ ایئر کے وارڈز شروع ہوئے تھے، تب ان کی ایک سینئر نے بطور خاص میڈم زینت کا حوالہ دے کرکہا تھا کہ وہ بہت سخت قسم کی وارڈ سسٹر ہیں جو جونیئر سسٹرز کے ساتھ بہت سختی سے پیش آتی ہیں۔ مریم اپنی باقی کلاس فیلوز کی طرح ان سے ڈرتی تھی بلکہ ساری فرسٹ ایئر چونکہ ابھی موسٹ جونیئر تھی، اس لےے وارڈ بوائز اور سوئپرز وغیرہ بھی ان پر رعب جمانے کی کوشش کرتے تھے۔ فرسٹ ایئر کے سفید دوپٹے اور نیلی Sash ہی دور سے سمجھا دیتی تھی کہ ان کو دھمکانا آسان ہے۔
’’اب کیا مراقبے میں چلی گئی ہو؟‘‘ اب کی بار میڈم زینت نہایت کاٹ دار لہجے میں بولیں۔ دوسرے بیڈز پر اپنے اپنے بچوں کے ساتھ لیٹی مائیں اور دوسری تیمار دار عورتیں دلچسپی سے ان دونوں کی جانب دیکھ رہی تھیں۔ مریم کو نہایت شرمندگی کا احساس ہوا۔
’’مس! میں آپ سے مخاطب ہوں۔‘‘ وہ چٹکی بجا کر اسے متوجہ کرتے ہوئے بولیں۔
’’آئی ایم سوری میڈم! دراصل۔۔ میں آئندہ۔۔۔‘‘ وہ منمناتے ہوئے کچھ کہنے کی کوشش کر رہی تھی۔ آنسو گالوں پر پھسلنے لگے تھے۔
اسے اس قسم کی ایکسپلینیشن کالز بھگتنے کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔ ایک لائق فائق طالبہ ہونے کی وجہ سے وہ اپنے اساتذہ کی ہمیشہ پسندیدہ رہی تھی مگر یہاں کا نظام ذرا مختلف تھا۔ یہاں استاد صرف استاد نہیں بلکہ باس تھا۔
’’میں آئندہ نہیں کروں گی میڈم!‘‘ مریم نے خود کو سنبھالتے ہوئے بات مکمل کی۔
’’آئندہ۔۔۔؟ آئندہ کی نوبت کون آنے دے گا۔ میں ابھی جا کر میٹرن سے آپ کی شکایت کرتی ہوں۔ آپ کو احساس ہے آپ نے کس قدر غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے۔ اگر اتفاق سے کوئی سینئر ڈاکٹر اس طرف آجاتے تو ہم سب کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑتا۔ ہر جگہ کے کچھ اصول ہوتے ہیں اور سب لوگوں کو ان اصولوں کے مطابق چلنا چاہےے۔ آپ یہاں مریضوں کی دیکھ بھال کے لےے آئی ہیں، خود اپنی دیکھ بھال کے لےے نہیں۔۔۔‘‘ میڈم زینت کی بات مکمل ہونے سے پہلے ہی مریم نے ہچکیاں لے کر رونا شروع کر دیا۔ شرمندگی، خجالت، خفت اور سب سے بڑھ کر خوف۔۔۔ وہ خود کو رونے سے روک نہیں پائی تھی۔
’’یعنی کہ حد ہوگئی، چوری پھر سینہ زوری۔ بچی نہیں ہو دودھ پیتی کہ ذرا سی بات پر رونے لگو۔‘‘ ان کا لہجہ اس قدر سخت تھا کہ مریم کے رونے میں تیزی آگئی۔ میڈم زینت کی جھنجلاہٹ میں اضافہ ہوا۔
’’ارے ایسا کیا کہہ دیا میں نے کہ تمہاری آنکھوں میں سیلاب اتر آیا۔ آج کل کی لڑکیاں بھی عجیب ہیں،کسی غلطی پر سرزنش کرو تو شرمندہ ہونے کی بجائے دوسروںکو شرمندہ کرنے لگتی ہیں۔‘‘ مریم کے رونے میں کمی آرہی تھی نہ میڈم زینت کے غصے میں۔ ان کی آواز کی شدت سے دو ایک وارڈ بوائز اور جونیئر ڈاکٹرز بھی شاید تماشا دیکھنے کی غرض سے آکھڑے ہوئے تھے۔
’’زینت آپا! کیوں ڈانٹ رہی ہیں بے چاری کو، بس کیجےے۔‘‘ مریم کے کانوں میں بھاری مردانہ آواز پڑی۔
آنسوئوں کی دھند میں وہ کچھ دیکھ ہی نہیں پارہی تھی۔
’’ان بے چاری کی وجہ سے سب کی مصیبت آسکتی تھی ڈاکٹر! آج میڈم عذرا اور ڈاکٹر اطہر بخاری کا وزٹ ہے۔ آپ جانتے ہیں وہ کس قدر سخت مزاج اور اصولوں کے سخت ہیں۔‘‘ میڈم زینت اس شخص کے ساتھ نسبتاً نرم لہجے میں بات کر رہی تھیں۔ مریم کا شرمندگی کے مارے برا حال تھا۔ ابھی دن ہی کتنے ہوئے تھے کہ اس قدر بے عزتی سہنا پڑ گئی تھی۔
’’آپ لوگ اسٹوڈنٹ نرسز کے ساتھ زیادہ ہی سختی برت جاتے ہیں۔‘‘ اس شخص کی آواز ایک بار پھر سنائی دی۔
’’ڈاکٹر!آپ شہہ مت دیجےے، آپ کچھ نہیں جانتے۔‘‘ میڈم زینت کا لہجہ ناصحانہ سا تھا۔ وہ شخص پھر کچھ بڑبڑایا مگر اس کی آواز بے حد مدھم تھی۔ مریم کو کچھ بھی سمجھ میں نہ آسکا۔
’’اوکے۔۔۔ ایز یو وش۔‘‘ وہ شخص کہتے ہوئے آگے بڑھ گیا تھا۔ میڈم زینت کی سختی سے سب ہی خائف رہتے تھے۔
’’کیا نام ہے تمہارا؟‘‘ میڈم زینت نے اس سے پوچھا۔
’’مریم چوہدری۔‘‘ مریم نے منمناتی ہوئی آواز میں کہا۔ وہ اپنے آنسوئوں پر قابو پاچکی تھی۔
’’آنسہ مریم چوہدری مسلمان ہیں؟‘‘ انہوںنے پھر استفسار کیا۔
’’جی۔‘‘ مریم نے اثبات میں گردن ہلائی۔
’’دیکھو مریمۡ میں کسی کی دشمن نہیں ہوں، بات اصول کی ہے۔ جب تم آن ڈیوٹی ہو تو تمہیں ایسی غیر ذمہ داری کا ثبوت نہیں دینا چاہےے۔ میں نے تمہیں سرزنش کی ہے۔ اگر میری جگہ ڈاکٹر بخاری ہوتے تو وہ تمہاری نیلی Sash دیکھتے ہی ایک آدھ ہفتے کے لےے تمہیں ٹرمینیٹ کر دیتے۔ ایسی بے ضرر ٹرمینیشنز بعد میں جاب کے حصول میں بہت نقصان دہ ثابت ہوتی ہےں۔ فرسٹ ایئر میں زیادہ محتاط ہونے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اب کی بار میں تمہیں معاف کر دیتی ہوں، دوبارہ یہ غلطی نہ ہو۔‘‘ ان کے جانے کے بعد مریم من من بھر کے قدم اٹھاتی وارڈ سے باہر آگئی۔ ریسیپشن کے کائونٹر پہ اس کی کتابیں پڑی تھیں۔ کتابیں لے کر وہ ارد گرد دیکھے بغیر باہر کی سمت چل دی۔ ہاسٹل واپس آکر بھی اس کا موڈ کافی خراب تھا۔ اسے احساس تھا کہ غلطی اس کی تھی مگریہ غلطی بہت بے ضرر تھی، اسے اتنی ڈانٹ نہیں پڑنی چاہےے تھی۔ تزئین اور روبینہ مارکیٹ تک گئی تھیں۔ وہ اپنے لےے چائے بنا کر چارپائی پر بیٹھی تھی کہ نگہت آگئی۔ نگہت ان سے دو سال سینئر اور نہایت پھرتیلی لڑکی تھی۔ مریم کی اس سے اچھی علیک سلیک تھی جو روبینہ کے توسط سے ہوئی تھی۔ روبینہ اور تزئین نے بہت تھوڑے عرصے میں اچھی پی آر بنالی تھی۔
’’میں نے سنا ہے تمہیں کالی گھوڑی سے ڈانٹ پڑی ہے؟‘‘ وہ اس کے پاس بیٹھتے ہوئے رازدارانہ لہجے میں بولی۔ مریم پہلے تو سمجھی نہیں اور جب سمجھ گئی تو جواب دینے کے بجائے پھر گردن جھکا کر بیٹھ گئی۔ آنسو پھر آنکھ کے گوشوںمیں چمکنے لگے تھے۔ اس نے پہلے بھی نگہت اور دوسری سینئر نرسز کے منہ سے ’’کالی گھوڑی‘‘ کے بارے میں سن رکھا تھا۔ ہاسٹل میں جونیئر نرسز نے سینئر نرسز کے بہت سے الٹے سیدھے نام رکھے ہوئے تھے۔
’’کم آن مریم! اس عورت کی ڈانٹ کا برا مت مانو۔ اس کا بس چلے تو آتی جاتی ہوا کو بھی ڈانٹنے لگے۔‘‘ نگہت اسے دلاسہ دیتے ہوئے بولی۔ مریم کو اس لمحہ نگہت سے زیادہ ہمدرد اور کوئی نہیں لگا۔
’’نہیں نگہت! غلطی میری ہے، مجھے دھیان میں رکھنا چاہےے تھا۔‘‘ وہ بمشکل بولی تھی۔ دل بے حد بوجھل ہورہا تھا۔
’’جی نہیں، تمہاری کوئی غلطی نہیں ہے۔ مجھے اسلم بتا رہا تھا کہ شاید تم ذرا دیر کو آرام کی غرض سے وارڈ میں لیٹ گئی تھیں، اس لےے ڈانٹ پڑی ہے۔ آرام کرنا کوئی غلط بات تو نہیں ہے اور اگر غلط بات ہے بھی تو کم از کم میڈم زینت صاحبہ کو ڈانٹنے کاکوئی حق نہیں ہے۔ وہ میٹرن نہیں ہے، صرف ایک وارڈ سسٹر ہے۔‘‘ نگہت شاید پہلے سے ہی بھری بیٹھی تھی۔ اس کے انداز میں اس قدر حقارت تھی کہ مریم حیرانی سے اس کا چہرہ دیکھنے لگ۔ اس کا ایک دم سے اس قدر جذباتی ہوجانا حیران کن ہی تو تھا۔
’’تم جانتی ہو میڈم زینت نے آج تمہیں کیوں ڈانٹا؟‘‘ نگہت نے آواز کو بے حد مدھم کرتے ہوئے سوال کیا۔
’’آج سرجن بخاری کا وزٹ تھا نا اس لےے۔‘‘ نگہت نے اس کے مزید قریب ہو کرکہا۔
’’مجھے انہوں نے بتایا تھا کہ وہ اس لےے سختی سے پیش آرہی ہیں کہ آج سرجن بخاری کا وزٹ ہے۔ وہ بتا رہی تھیں، سرجن بخاری اصولوں کے بہت پابند ہیں، وہ غیر ذمہ داری برداشت نہیں کرتے۔‘‘ مریم نے ٹھنڈی چائے کامگ ایک ہاتھ سے دوسرے ہاتھ میں منتقل کرتے ہوئے کہا۔ اسے نگہت کا رویہ الجھن میں ڈال رہا تھا۔
’’تم بہت معصوم ہو مریم! تم کچھ نہیں جانتیں۔‘‘ نگہت تاسف سے بولی پھر اس کے چہرے پر پھیلے تاثرات دیکھ کر مزید گویا ہوئی۔
’’اس نے تمہیں اس لےے ڈانٹا کہ آج سرجن بخاری کا وزٹ ہے اور تم بہت خوب صورت ہو، سمجھیں کچھ؟‘‘
’’تم کیا کہہ رہی ہو، مجھے کچھ سمجھ میں نہیں آرہا؟‘‘ مریم زچ ہو کر بولی۔ نگہت اس کے چہرے کی جانب دیکھتی رہی۔ گویا اس کے دل کا حال جاننے کی کوشش کر رہی ہو۔
’’سنو بے وقوف لڑکی! دراصل میڈم زینت نہیں چاہتی تھیں کہ سرجن بخاری تمہیں دیکھیں۔ سرجن بخاری سب سے اپروچ فل سرجن ہےں۔ وہ مینجمنٹ کا حصہ ہیں۔ ان کی فیور حاصل ہوجائے تو سمجھو ہیلتھ سیکریٹریٹ تک رسائی حاصل ہوگئی۔ میڈم زینت کو یہی فیور حاصل ہے اور وہ اسی فیور کو کھو دینے سے ڈرتی ہے، اسی لےے اس کے انڈر جتنی بھی خوب صورت لڑکیاں ہوتی ہیں، وہ انہیں سرجن بخاری کے سامنے آنے ہی نہیں دیتی کہ اگر سرجن بخاری کسی اور حسینہ کی زلفوں کے اسیر ہوگئے تو خود اس کا کیا بنے گا، اسی لےے ہر خوب صورت لڑکی کو ڈانٹنا اور بے عزت کرنا وہ اپنا حق سمجھتی ہے۔‘‘ مریم نے نا سمجھی کے انداز میں اس کی جانب دیکھا۔
’’یار۔۔۔ اتنی بڑی تہمت مت لگائو۔‘‘ وہ نگہت کے انداز سے خائف ہو کر بولی۔
’’یہ تہمت نہیں ہے، یہ اس ہاسپٹل کی سب سے بڑی حقیقت ہے۔ میں تمہیں اسی لےے یہ سب بتا رہی ہوںکہ تم محتاط رہنا۔ خصوصاً میڈم زینت سے تو دور ہی رہنا، وہ بالکل بھی اچھی عورت نہیں ہے۔ ہاں میٹرن اچھی ہے۔ وہ بہت محبت سے بات کرتی ہے۔‘‘ وہ آخر میں مسکراتے ہوئے بولی مگر مریم مسکرا بھی نہ سکی۔
’’اب تم پریشان مت ہو، اچھے برے لوگ تو ہر فیلڈ میں ہوتے ہیں۔ لگن کے ساتھ اپنا کام کرو۔ تمام سینئر ڈاکٹرز کے ساتھ بنا کر رکھواور پھر میں ہوں نا تمہارے ساتھ۔ تمہیں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔‘‘ نگہت نے اس کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لے کر حوصلہ دینے والے انداز میں کہا۔ مریم کو حوصلے کی ہی ضرورت تھی۔ وہ نگہت کی باتوں سے بہل گئی۔
٭٭٭
’’مریم! مجھے تم سے ایک بہت ضروری بات کرنی ہے۔‘‘ تزئین نے اس کے ہاتھ سے کمیونٹی میڈیسن کے نوٹس لے کر روبینہ کی چارپائی پر پھینک دےے۔ وہ ہاتھ میں آئینہ اور پلکر لے کر بیٹھی اپنی آئی برو ادھیڑنے کی کوشش کر رہی تھی۔ اس نے نہایت ناگواری سے تزئین کی جانب دیکھا مگر منہ سے کچھ نہیں بولی۔ اس کے انداز و اطوار اور مزاج میں پہلے کی نسبت بہت تبدیلی آچکی تھی۔ ہفتہ دس دن قبل اس نے تزئین سے اپنی آئی بروز کی شیپ بنوائی تھی۔ اب اس کی بھنوئوں کے نیچے ننھے ننھے بال نمایاں ہورہے تھے۔ وہ کافی دیر سے تزئین سے کہہ رہی تھی کہ دوبارہ سے آئی بروز کی شیپ درست کر دے، مگر اس نے صاف انکار کر دیا تھا۔
’’ابھی میرا موڈ نہیں ہے، جب موڈ ہوگا، تب تمہاری آئی بروز کی کاٹی چھانٹی کردوں گی۔‘‘ روبینہ کو یہی بات بری لگی تھی۔ اتنے بہت سے دن اتنی رنگ برنگ لڑکیوں میں گزار کر وہ کافی کچھ سیکھ گئی تھی۔ اب اسے چھوٹے چھوٹے مذاق بھی برے لگ جاتے تھے اور تزئین کے ساتھ تو اس کی اکثر جھڑپ ہوجاتی تھی۔ اس نے وہی نوٹس اٹھا کر دور کرسی پر پھینک دےے۔
’’اوہو، اب تو روبینہ بھی نخرے کرنے لگی ہےں۔‘‘ اس نے روبینہ کو چڑانا چاہا اور روبینہ چڑ بھی گئی۔
’’میرے منہ لگنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ وہ تڑخ کر بولی۔
’’بلّے بھئی بلّے۔۔۔ مینڈکی کو زکام۔۔۔‘‘ تزئین کی بات مکمل ہونے سے پہلے مریم نے اس کے منہ پر ہاتھ رکھ دیا۔ ان دونوں کی روز روز ہونے والی ان جھڑپوں سے وہ بہت تنگ آچکی تھی۔
’’تم مجھ سے کوئی بات کرنے والی تھیں نا؟‘‘ اس نے تزئین کو یاد دلایا۔
’’اوہ ہاں، اس فٹے منہ کا منہ دیکھ کر سب بھول جاتا ہے۔‘‘ اس نے روبینہ کی طرف اشارہ کر کے کہا تو روبینہ کھول کررہ گئی۔ گزشتہ چار ماہ میں اس میں بہت تبدیلیاں آئی تھیں۔ بہتر سے بہترین کا سفر وہ بہت تیزی سے طے کر رہی تھی، مگر تزئین سے جیتنا ابھی بھی اس کے لےے بہت مشکل تھا۔
’’اب تم بک بھی چکو۔‘‘ مریم نے اکتا کر کہا۔ اسے ابھی وائیوا کی تیاری بھی کرنا تھی۔
’’یار۔۔۔ یہ روبینہ بہت تبدیل ہوگئی ہے۔‘‘ تزئین نے دروازے کی سمت دیکھتے ہوئے کہا، جہاں سے روبینہ باہر گئی تھی۔
’’ٹھیک کہتی ہو اوریہ تبدیلی مثبت ہے۔ تم نے دیکھا، وہ پہلے کی نسبت کتنے اچھے رنگوں کے کپڑے پہننے لگی ہے۔ اس کا انداز گفتگو بھی پہلے کی نسبت بہت بہتر ہوگیا ہے۔‘‘ مریم نے اسے سراہتے ہوئے کہا۔ اس کے چہرے پر ہلکی سی مسکراہٹ تھی۔ اسے حیدر کی یاد آئی جو ہاسٹل سے گھر جانے پہ اسے تبدیل شدہ قرار دے رہا تھا۔
’’مجھے کہہ رہی تھی کہ تزئین! میری انگلش Vocabulary بہت ویک ہے۔ تم اس کو امپروو کرنے میں ہیلپ کردو گی؟‘‘ تزئین نے ہو بہو اس کی نقل اتاری تو مریم ہنس دی۔
’’تم مجھ سے کیا بات کہنے والی تھیں؟‘‘ اس نے تزئین کی طرف دیکھتے ہوئے پھر پوچھا تو وہ لمحہ بھر کے لےے خاموش ہوگئی پھر نچلا ہونٹ کاٹتے ہوئے آنکھیں میچے ایسے ظاہر کرنے لگی، جیسے کچھ سوچ رہی ہو پھرمریم کی طرف رخ کر کے بولی۔
’’یار لڑکی! تم میری کوئی بات نہیں مانتیں مگر پھر بھی نہ جانے کیوں بری نہیں لگتیں۔ دل چاہتا ہے ہر راز تم سے ہی شیئر کروں۔‘‘ اس کا انداز جتانے والا تھا مریم مسکرادی۔ چند روز پہلے الائونس کی رقم ملنے پہ تزئین نے کچھ فرینڈز کے ساتھ مل کر آئوٹنگ کا پروگرام بنایا تھا مگر مریم نے ساتھ جانے سے انکار کر دیا تھا۔ اسی بات کو ایشو بنا کر تزئین اسے طعنہ دے رہی تھی۔
’’اب پھوٹ بھی چکو کیا بات ہے؟‘‘ تزئین کے ایک بار پھر خاموش ہونے پہ مریم اس کا کندھا ہلا کر بولی۔
’’یار! تم نے سانولی رنگت والا وہ لڑکا دیکھا ہے جس کی داڑھی ہے، جس کی آنکھیں خمار آلود سی ہیں۔ ایسا لگتا ہے جیسے نیند اس کی پلکوں پہ ٹھہری رہتی ہے۔‘‘
’’ہاں۔۔۔ دیکھا ہے۔‘‘ مریم نے اس کے سوال کا مختصر جواب دیا۔
’’کون ہے؟‘‘ تزئین نے دلچسپی سے پوچھا۔
’’انضمام الحق۔‘‘ مریم اطمینان سے بولی تو تزئین کے لبوں سے قہقہہ پھوٹ پڑا۔
’’میں کرکٹ اسٹیڈیم کی نہیں، اس ہاسپٹل کی بات کر رہی ہوں۔ عام طور سے چلڈرن وارڈ میں نظر آتا ہے۔ بہت سوبر اور سنجیدہ سا لگتا ہے۔ بہت عزت و احترام سے مخاطب کرتا ہے اور پھر۔۔۔‘‘
’’یار ہوگا کوئی، تم وہ بات بتائو جو تمہیں مجھے بتانی تھی۔‘‘ مریم اس کی قصیدہ خوانی سے زچ ہو کر بولی۔ وہ اتنے سے دنوں میں ہی تزئین کی عادات کے متعلق بہت اچھی طرح جان گئی تھی۔ وہ جب بھی کسی بات پر ڈپریسڈ ہوتی تھی، تب اسی طرح کی بے سروپا اور بے معنی باتیں کیا کرتی تھی۔ اس کے اپنی امی سے تعلقات بہت اچھی نوعیت کے نہیں تھے بلکہ اس کی امی ابھی تک اس سے ناراض تھیں اور عام طور سے تزئین کی سب سے بڑی پریشانی اس کی امی کا رویہ ہی تھا۔
’’امی نے نگین کا رشتہ طے کر دیا ہے۔‘‘ تزئین نے بالآخر اگل ہی دیا۔
’’یہ تو خوشی کی بات ہے، مبارک ہو۔‘‘ مریم نے خوش ہو کر کہا۔ دو ایک بار تزئین نے ذکر کیا تھا کہ اس کی امی جلد از جلد اس کی بڑی بہن کی شادی کر دینا چاہتی ہیں۔
’’بہت زیادہ خوشی کی بات ہے۔ وہ شخص جس سے نگین کی شادی ہورہی ہے، تقریباً اس سے دوگنی عمر کا ہے اور پھر شادی شدہ بھی ہے۔ وہ نگین سے شادی صرف شریعت کا تقاضا نبھانے کی خاطر کر رہا ہے۔‘‘ تزئین دل جلانے والی مسکراہٹ کے ساتھ اسے بتانے لگی۔ مریم کو بھی از حد افسوس ہوا۔ وہ ابھی تسلی دلاسے کے لےے الفاظ ڈھونڈ ہی رہی تھی کہ روبینہ کمرے میں آگئی۔ اسے کمرے میں داخل ہوتا دیکھ کر تزئین نے تکےے کے ساتھ کروٹ بدل لی۔ وہ اپنی آنکھ میں آئی نمی کم از کم روبینہ کو نہیں دکھانا چاہتی تھی۔ روبینہ اس کے انداز کو اس کی ادا سمجھی، اس لےے ناک چڑھا کر الماری سے کپڑے نکالنے لگی۔ اس نے پہلی الائونس کی مد میں ملنے والی تمام رقم اپنی ذات پر خرچ کر ڈالی تھی۔ وہ بہت سے نئے سوٹ لائی تھی۔ نئے جوتے، کاسمیٹکس کا سستا سامان اور تھوڑی سی جیولری بھی خریدی تھی۔
’’تم کہیں جارہی ہو؟‘‘ مریم نے سرسری سے لہجے میں پوچھا۔
’’ہاں۔۔۔ ستارہ، لیزا اور نگہت وغیرہ ہوٹل میں کافی پینے جارہی ہیں۔ میں بھی ان کے ساتھ جارہی ہوں، تم بھی چلو۔‘‘ اس نے بتانے کے ساتھ ساتھ دعوت بھی دے ڈالی۔
’’ہوٹل میں کافی پینا، ہاسٹل میں کافی پینے سے مختلف ہوتا ہے کیا؟‘‘ یہ سوال تزئین نے کیا تھا۔ وہ اپنی جگہ سے اٹھ کر بیٹھ چکی تھی۔ اس کے چہرے سے غم و الم کے تمام تاثرات غائب ہوچکے تھے۔ وہ غضب کی اداکارہ تھی۔
’’نہیں مگر ہوٹل میں مزا آتا ہے نا۔ فلموں میں نہیں دیکھا کبھی۔‘‘ روبینہ سابقہ جھڑپ کو بھلا کر بھولے پن سے کہہ رہی تھی۔
’’کیا پتا روبینہ! ہوسٹل میں کافی پی کر بھی زیادہ مزا آئے کیونکہ تمہارے لےے تو کافی کا ذائقہ بھی ایک نئی چیز ہوگی۔ آئی ایم شیور، تم آج پہلی بار کافی پیو گی۔‘‘ تزئین کا انداز طنزیہ نہیں تھا مگر پھر بھی شاید روبینہ کواچھا نہیں لگا۔ وہ اس کی بات کا جواب دےے بغیر کپڑے پریس کرنے لگی۔
مریم نے دوبارہ سے اپنے نوٹس اٹھالےے اور پڑھنے کی کوشش کرنے لگی مگر اسے کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا۔ تزئین اپنی قنوطیت کو بھلائے روبینہ کی تیاریوں پر فقرے کسنے میں مصروف تھی، جبکہ روبینہ مسلسل اسے نظر انداز کرنے کی کوشش کر رہی تھی مگر پھر بھی کوئی نہ کوئی ایسی بات ہوتی کہ وہ تڑخ کر جواب دینے پر مجبور ہوجاتی۔ اس ساری صورت حال میں یکسوئی سے پڑھنا تو ناممکن تھا۔ مریم نے بھی نوٹس سائڈمیں رکھ دےے اور ان دونوں کی اس نوک جھونک کو دیکھنے لگی۔ روبینہ کے کمرے سے نکلنے کے بعد ہی اس کا خاتمہ ہوا تھا اور مریم نے بھی تب ہی سکون کا سانس لیا مگر یہ سکون بھی عارضی تھا۔
’’یار! یہ محترمہ اتنا تیار ہو کر انجوائے کرنے باہر جاسکتی ہے تو ہم کیوں نہیں جاسکتے۔ چلو ہم بھی چلتے ہیں۔‘‘ تزئین نے گویا حکم سنایا۔ مریم کے مسلسل انکار کے باوجود وہ اسے بھی اپنے ساتھ گھسیٹ لائی۔
’’ہم جائیں گے کہاں؟‘‘ مریم نے اپنے اڑتے ہوئے دوپٹے کو بمشکل سنبھالتے ہوئے پوچھا۔ تزئین نے اسے کپڑے بدلنے کی مہلت بھی نہیں دی تھی، ہاں مگر اس کے ہونٹوںپر لپ اسٹک ضرور لگوادی تھی۔ اسے تزئین کی زبردستی اچھی نہیں لگی تھی مگر اب آسمان کی گہری رنگت کہیں کہیں لہراتی مٹیالی بدلیاں اور پھر چھیڑ چھاڑ کرتی ہوا اسے بہت مزا دے رہی تھی۔
’’ہم افق کے پار جائیں گے۔‘‘ تزئین ہوا سے بھی زیادہ مستی میں تھی۔ ہاسٹل کے مین گیٹ سے باہر نکلتے ہی وہ لوکل وین میں سوار ہوگئی تھیں۔
٭٭٭
’’ممی کا عزم حقیقتاً قابلِ تعریف ہے۔‘‘ اس نے ٹماٹو کیچپ کی پلیٹ میں فرنچ فرائز سے دائرے بناتے ہوئے یاسیت بھرے لہجے میں کہا۔ اس کے پاپا کے چہرے پر استہزائیہ مسکراہٹ بکھر گئی۔
’’تم شاید اپنی ممی کی بے جا ضد کو عزم کہہ رہے ہو۔ وہ صرف اور صرف ضد میں یہ سب کر رہی ہے تاکہ تمہیں مجھ سے دور کر سکے کیونکہ وہ جانتی ہے مجھے تم سے بہت محبت ہے اور میری ہر محبوب چیز اسے چھین لینے کی عادت ہے۔‘‘ وہ نہایت طنزیہ انداز میں کہہ رہے تھے۔ اس نے پہلے کبھی اپنے پاپا کو ممی کے بارے میں اس طرح بات کرتے نہیں سنا تھا۔
’’نہیں پاپا!ایسی بات نہیں ہے۔ ممی ایسی نہیں ہیں، وہ دل کی بہت اچھی ہیں پاپا!‘‘ اس نے فوراً تردید کی۔ اسے ہزارہا شکایتوں کے باوجود اپنی ممی سے بھی بہت محبت تھی۔ اپنی طرف سے وہ ممی پاپا کے دل میں ایک دوسرے کے لےے موجود کدورت دور کرنے کی کوشش کرتا رہتا تھا۔
’’ان فیکٹ میرے برے رزلٹ نے ان کا موڈ اس قدر آف کر دیا ورنہ آپ جانتے ہی ہیں کہ وہ مجھ سے بہت محبت کرتی ہیں۔‘‘ اس نے تمام تر ذمہ داری قبول کرتے ہوئے تاسف میں گھر کر کہا۔ اس کا رزلٹ انائونس ہوئے تقریباً چھ ماہ کا عرصہ ہوچلا تھا۔ اس کی ممی نے چھ ماہ قبل جو سڈنی بھجوانے کی دھمکی دی تھی، وہ ابھی تک اس پر قائم تھیں مگر چونکہ وہ ابھی اٹھارہ سال کا نہیں ہوا تھا، اس لےے یہ سلسلہ کسی قدر تعطل کا شکار ہوگیا تھا لیکن اس کایہ مطلب نہیں تھا کہ اپنا فیصلہ تبدیل کر چکی تھیں۔
’’تمہاری ممی تم سے محبت کرتی ہیں؟ میرے لےے تو یہ ایک بریکنگ نیوز ہے بھئی! جہاں تک میرا خیال ہے، تمہاری ممی کو لفظ ’’محبت‘‘ سے بھی چڑ ہے۔‘‘ وہ شگفتہ سے انداز میں کہہ رہے تھے۔ ان کا مقصد ماحول میں پھیلی سوگوار سی فضا کو ختم کرنا تھا۔
’’نو پاپا! یو آر کوائٹ رانگ۔ ان فیکٹ حالات نے ممی کو ذرا چڑچڑا کر دیا ہے۔‘‘ وہ وضاحت دیتے ہوئے بولا۔ اکثر وہ اپنے آپ کو عجیب طرح کی صورت حال میں الجھالیتا تھا۔ ممی کے سامنے ہوتا تو پاپا کے متعلق وضاحتیں دیتا اور پاپا کے سامنے ممی کی حمایت میں بولتا۔ وہ دونوں ایک بار پھر خاموش ہوگئے۔ اس کے پاپا بہت بذلہ سنج اور شوخ طبیعت کے تھے مگر کبھی کبھی ان پر بھی قنوطیت کا دورہ پڑجاتا۔ وہ اسے اس بات پر آمادہ کر رہے تھے کہ وہ ان کے ساتھ ان کے گھر چل کر رہے اور وہ ان کے ساتھ رہنا بھی چاہتا تھا مگر ابھی کیونکہ اس کی عمر اٹھارہ سال نہیں ہوئی تھی اور اٹھارہ سال سے پہلے وہ خود مختاری سے فیصلہ نہیں کر سکتا تھا اور ویسے بھی اپنی ممی اور بہن کے سامنے وہ انہیں چھوڑ دینے کے بلند و بانگ دعوے ضرور کرتا تھا، مگر انہیں اکیلا چھوڑ کر پاپا کے پاس آکر رہنے کی اس میں بھی ہمت نہیں تھی۔
’’تمہارا آئی ڈی کارڈ بن چکا ہے؟‘‘ اسے خاموش دیکھ کر اس کے پاپا نے سوال کیا۔
’’نہیں۔‘‘ اس نے گہری سانس بھری پھر مزید گویا ہوا۔
’’ابھی میری عمر اٹھارہ سال ہونے میں کچھ مہینے باقی ہیں۔‘‘ اسے پاپا کی کمزور یادداشت پہ ہمیشہ جھنجلاہٹ ہوتی تھی۔ وہ ہر ملاقات میں اس کی عمر کے متعلق سوال کرتے اور ہمیشہ بھول جاتے جبکہ ممی گھنٹے اور منٹ کی تفصیل کے ساتھ اس کی عمر بتا سکتی تھیں۔
’’اس کا مطلب یہ کہ تمہارے سڈنی جانے میں ابھی کچھ اور عرصہ لگ جائے گا۔‘‘ انہوں نے اپنے سامنے پڑے کافی کے کپ کو واپس ٹرے میں رکھ دیا۔ کافی ٹھنڈی ہو کر بد ذائقہ ہوچکی تھی۔
’’کم آن پاپا! کچھ اور عرصہ۔۔۔؟ ساری زندگی لگ جائے گی۔ میں تو کبھی سڈنی نہیں جائوں گا، مر کر بھی نہیں۔‘‘ اس کے پاپا نے تڑپ کر اس کی جانب دیکھا۔
’’فضول باتیں مت کرو۔‘‘ انہیں اس کی بات سے دکھ پہنچا تھا۔ گزشتہ چھ ماہ سے وہ بہت ہی زود رنج ہوچکا تھا۔ اس کا قد کاٹھ ان ہی کی طرح لمبا چوڑا تھا اور رنگت اپنی ممی کی طرح بے حد سرخ و سفید تھی، مگر کمزور صحت کی بنا پر وہ بہت شاندار دکھائی نہیں دیتا تھا۔ اس کے چہرے پر کم سنی کے اثرات کسی قدر معدوم ہونے لگے تھے۔ دوستوں کے صلاح مشورے پر اس نے کافی پہلے سے شیو کرنا شروع کر دی تھی، مگر اس کی آواز و انداز میں بچپنا نمایاں تھا۔
’’پاپاپلیز! آپ ممی سے بات کیجےے نا، ان کی بات پتھر پر لکیر ہوتی ہے۔ وہ آج کل بار بار ایمبسی فون کر کے نہ جانے کون سی انفارمیشن اکٹھی کرتی رہتی ہیں۔ مجھے لگتا ہے جیسے ہی میرا برتھ ڈے ہوگا، ویسے ہی ممی میرے کندھے پر بیگ ڈال مجھے پلین میں بٹھادیں گی۔‘‘ اس نے ہاتھ میں پکڑا چپس پلیٹ میں پٹختے ہوئے کہا۔ اس کے پاپا اس کی ڈپلومیسی پر مسکرائے۔ اگر یہ بات وہ کہتے تو ان کا یہ معصوم بیٹا فوراً تردید کرنے لگتا۔
’’اوکے۔۔۔ اوکے ریلیکس۔۔ تم پریشان مت ہو۔۔۔ میں بات کروں گا۔‘‘ انہوں نے میز کے اوپر سے ذرا سا کھسک کر اس کا کندھا تھپتھپاتے ہوئے کہا اور اس کا دل چاہا کہ وہ ان کے گلے لگ جائے مگر ماحول کا تقاضا تھا کہ وہ خاموشی سے بیٹھا رہے۔ ریسٹورنٹ میں اس وقت کافی رش تھا۔ موسم کی جولانی بھی عروج پر تھی اور وقت بھی شام کا تھا۔ ایسے میں تمام ٹیبلز ہی بھرے ہوئے تھے لوگ مسلسل اپنی اپنی مطلوبہ چیزیں سیلف سروس کے تحت لانے لے جانے میں مصروف تھے، جبکہ ان کی ٹیبل پر سب کچھ ویسے کا ویسا ہی پڑا تھا۔ اس کے پاپا کی کافی ٹھنڈی جبکہ اس کی کولڈڈرنک گرم ہوچکی تھی۔
’’لائو یار! میں اور کافی لے کر آتا ہوں اور تمہارے لےے ٹھنڈی کوک بھی۔‘‘ ان کے بیچ پھیلی خاموشی سے اکتا کر اس کے پاپا نے کہا۔ اس نے ایک نظر کائونٹر پر ڈالی پھر گہری سانس بھر کر بولا۔
’’بہت رش ہے، لائےے میں لے آتا ہوں۔‘‘
’’ینگ مین! میں ابھی بوڑھا نہیں ہوا۔‘‘ انہوںنے اٹھتے ہوئے مسکرا کر کہا۔ ان کے اس طرح سے کہنے پر وہ بھی مسکرادیا۔ وہ کائونٹر کی سمت بڑھ گئے۔ سفید ٹی شرٹ اور ڈھیلی سی جینز میں وہ کافی ینگ اور اسمارٹ لگ رہے تھے۔ وہ اس کے پاپا کے بجائے بڑے بھائی لگتے تھے۔ اسے اپنے پاپا کی ڈیشنگ پرسنیلٹی پہ ہمیشہ فخر محسوس ہوتا تھا۔ کائونٹر کے قریب کھڑی ایک خاتون اس کے پاپا کی جانب ہی دیکھ رہی تھیں اور وہ جس انداز سے دیکھ رہی تھیں، وہ بھی بہت دلچسپ تھا۔ اس کے لبوں پر بہت جاندار سی مسکراہٹ چمکی تھی۔
’’مریم! ذرا دیکھنا، وہ لڑکا خود بخود مسکرا رہا ہے۔ یہ پاگل تو نہیں۔‘‘ اس کے کانوں میں آواز آئی تھی۔ ساتھ والی ٹیبل پر دو لڑکیاں بیٹھی شاید اسی کے بارے میں بات کر رہی تھیں ۔ا ن کی سرگوشی نما آواز بھی اس کے کانوں میں بخوبی پہنچ رہی تھی۔ وہ شاید ابھی وہاں آکر بیٹھی تھی۔
’’آہستہ بولو، اس نے سن لیا تو۔‘‘ مریم نامی اس لڑکی نے مزید دھیمی آواز میں کہا۔ وہ اپنی چیئر پر بالکل سیدھا ہو کر بیٹھ گیا۔ وہ دونوں لڑکیاں اب مکمل طور پر اس کی نظروں کے حصار میں تھیں۔ سادہ سے کپڑوں میں ملبوس وہ دونوں لڑکیاں کافی خوب صورت تھیں۔ ان میں سے ایک نے دوپٹہ سر پر پھیلا رکھا تھا جبکہ دوسری لڑکی نے کندھے پر لیا ہوا تھا۔ اس کے اس طرح سے دیکھنے پہ وہ کچھ جھجک سی گئی تھیں۔ کندھے پر دوپٹے والی لڑکی تو پھر بھی کسی قدر بولڈ لگ رہی تھی مگر دوپٹے کے ہالے میں مقید وہ پری وش کچھ گھبرا سی گئی۔ اسے بڑی دلچسپ سی حیرت ہوئی ۔اس نے اپنے ارد گرد اس قسم کی لڑکیاں کچھ کم ہی دیکھی تھیں۔ ذیشان اور افتخار اس کے ساتھ ہوتے تو اس لڑکی کو اپنے فقروں اور شرارتوں سے ٹھیک ٹھاک زچ کر سکتے تھے۔ چھٹی کے وقت گرلز کالجز کے آگے سے اپنی موٹربائیک پہ چکر لگا کر لڑکیوں پہ فقرے کسنا اس نے انہی سے سیکھا تھا۔ اس نے غیر ارادی طور پر ان لڑکیوں کو ہاتھ سے ’’ہیلو‘‘ کا سگنل دیا۔
’’توبہ آج تو اس قدر رش ہے کہ ہماری باری شاید کل صبح تک آسکے گی۔‘‘ اس کی اس حرکت پر وہ دونوں سٹپٹائی تھیں، اسی دوران اس کے پاپا خالی ہاتھ واپس آگئے۔ اس نے جتانے والے اندازمیں انہیں دیکھا جیسے کہہ رہا ہو ’’میں نے کہا تھا نا۔‘‘
’’آئو ہم کہیں اور چلتے ہیں۔‘‘ اس کے پاپا نے اسے اشارہ کرتے ہوئے کہا۔ وہ اپنا سیل فون اٹھا کر فوراً کھڑا ہوگیا۔ مین انٹرنس سے باہر نکلنے سے پہلے اس نے مڑ کر اسی ٹیبل کی جانب دیکھا، جہاں وہ لڑکیاں بیٹھی تھیں۔ وہ ٹیبل اب خالی تھی۔ وہ لڑکیاں شاید اپنی جگہ تبدیل کر چکی تھیں۔ وہ مسکراتے ہوئے گیٹ سے باہر نکل گیا۔
٭٭٭
’’کھڑکیاں بند کردو سسٹر! مجھے بہت سردی لگ رہی ہے۔‘‘ ملک صاحب نے دھیمی سی آواز میں کہا۔ مریم نے عجیب الجھن میں گھر کر کھڑکیوں کی جانب دیکھا۔ اس وی وی آئی پی روم کی تمام کھڑکیاں پہلے ہی بند تھیں۔ جولائی کے مہینے میں اے سی چلنے سے شاید انہیں خنکی کا احساس ہورہا تھا۔ مریم نے اٹھ کر بے دلی سے اے سی بند کر دیا۔ حالانکہ اسے کافی گھٹن اور گرمی محسوس ہورہی تھی۔
’’مجھے بہت گھٹن محسوس ہورہی ہے، کیا یہاں کا اے سی ٹھیک کام کر رہا ہے؟‘‘ اے سی بند کر کے ابھی وہ اپنی جگہ پر بیٹھی تھی کہ ملک صاحب نے پھر سے حکم جاری کیا۔ مریم نے بے حد جھنجلا کر انہیں دیکھا۔ وہ آنکھیں بند کےے بے سدھ پڑے تھے۔ ان کے چہرے پر نقاہت کی زردی کھنڈی تھی۔ مریم کا نرم دل پسیجا۔ وہ خوامخواہ ایک بیمار شخص پر غصہ ہورہی تھی۔ حالانکہ یہ اس کے فرائض میں شامل تھا۔ وہ خود کو ڈانٹتی ہوئی اٹھی اور پھر سے اے سی آن کر دیا۔ اے سی کا مین پاور والا بٹن ملک صاحب کے بیڈ کے بالکل اوپر تھا۔ مریم جب اے سی آن یا آف کرنے کے لےے آگے بڑھی تو اسے بیڈ کے بہت قریب سے ہو کر گزرنا پڑتا تھا۔ ملک صاحب دوائوں کے زیر اثر غنودگی میں تھے۔ ان کا ایک بازو پہلو میں ٹکا تھا جبکہ دوسرا بیڈ سے نیچے لٹک رہا تھا۔ مریم ان کا بازو ان کے سینے پہ ٹکا دیتی مگر وہ پھر سے نیچے ہوجاتا۔ ملک صاحب، مریم کو سکون سے بیٹھنے ہی نہیں دے رہے تھے۔ ان کی طرف سے ہر پندرہ منٹ بعد جاری ہونے والے نئے احکامات اسے متحرک رکھے ہوئے تھے۔
’’مجھے پانی پلادو۔‘‘
’’میرے سر میں بہت درد ہے، سر دبادو۔‘‘
’’مجھے لحاف اوڑھا دو۔‘‘
’’میرا لحاف ہٹادو۔‘‘
یہ سب کام کرتے ہوئے اسے نگہت پہ بھی غصہ آرہا تھا۔ مریم کام سے گھبرانے والی لڑکی نہیں تھی، مگر چونکہ اسے ابھی ایسے کاموں کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔ اس نے تو ابھی تک دو گھنٹے سے زیادہ والی کوئی ڈیوٹی بھی نہیں دی تھی۔ فرسٹ ایئر میں ہر شفٹ ذرا کم دورانےے کی ہوتی تھی۔ وہ صرف اور صرف نگہت کی وجہ سے اس الجھن میں گرفتار ہوئی تھی۔ نگہت کو کسی ضروری کام سے اپنے کسی رشتہ دار کے یہاں جانا تھا اور اس کی نائٹ شفٹ تھی۔ اس نے مریم سے درخواست کی تھی کہ وہ اس کی جگہ ڈیوٹی کرلے۔ مریم نے بہت مشکل سے ہامی بھری تھی۔ اگر میٹرن اس کی یہ ڈیوٹی لگاتی تو وہ ہنسی خوشی یہ فریضہ سر انجام دے لیتی مگر کسی اور کی جگہ اسے ڈیوٹی دینے سے ڈر لگتا تھا۔
’’میرے ہاتھوں سے جان نکل رہی ہے سسٹر! میرے ہاتھ بالکل سن ہوچکے ہیں۔‘‘ ملک صاحب کراہ کر بولے۔ ان کی آواز میں بے پناہ درد تھا۔ مریم ان کی تکلیف کی شدت کو محسوس کر کے ہمدردی کے جذبات سے مغلوب ہو کر آگے بڑھی۔ اس نے ان کی پیشانی پر ہاتھ رکھ کر بخار کی شدت کو محسوس کرنا چاہا مگر ان جسم کا درجہ حرارت نارمل تھا۔ انہیں ڈرپ بھی نہیں لگی ہوئی تھی۔ نگہت نے مریم کو یہی بتایا تھا کہ ملک صاحب اینزائٹی کا شکار رہتے ہیں۔ بزنس میں ہونے والے کسی نقصان کے باعث ان کا بی پی شوٹ کر گیا تھا۔ وہ ڈاکٹر کے مشورے پر ریلیکس کرنے کے لےے ہاسپٹلائزڈ ہوئے تھے مگر نہ جانے کیوں مریم کو محسوس ہورہا تھا کہ ملک صاحب کا مسئلہ کچھ اور ہے۔ وہ شاید احساسِ تنہائی کا شکار تھے، اسی لےے بار بار مریم کو پکارتے تھے۔
’’میرے ہاتھوں کو سہلادو سسٹر! میرے ہاتھ بے جان ہورہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کراہتے ہوئے نیم غنودگی کی حالت میں کہا۔ مریم نے ان کے بھدے ہاتھ پر اپنا نرم و نازک ہاتھ رکھ کر سہلانا شروع کر دیا۔ ملک صاحب کے ہاتھوں پہ موجود سفید کھردرے بال اس کے ہاتھوں میں گدگدی پیدا کر رہے تھے۔ مریم ان کے ہاتھ کی پشت کو سہلا رہی تھی کہ انہوں نے اپنا ہاتھ سیدھا کر لیا۔ قبل اس کے کہ وہ مدہوشی کے زیرِ اثر اس کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں جکڑتے دروازہ آہستگی سے کھل کر تیزی سے بند ہوگیا۔ مریم تو گڑبڑائی ہی تھی، ملک صاحب نے بھی سٹپٹا کر اس کا ہاتھ چھوڑ دیا۔ وہ جو انہیں سویا ہوا سمجھ رہی تھی، ان کی اس حرکت پر کچھ حیران ہوئی۔ ابھی وہ ان کا ہاتھ دوبارہ تھامنا چاہتی تھی کہ دروازہ پھر سے کھلا۔ اندر داخل ہونے والی شخصیت کو دیکھ کر وہ حیران ہی نہیں بلکہ پریشان بھی ہوگئی۔ وہ آن ڈیوٹی ڈاکٹر صاحب تھے۔ مریم ان کے چہرے سے واقف تھی مگر ان کے نام سے آگاہ نہیں تھی۔ انہوں نے اوور آل کندھے پر لٹکا رکھا تھا جبکہ اسٹیتھسکوپ گردن میں لٹک رہا تھا۔ رات کے اس پہر بھی وہ جاگ رہے تھے۔ حالانکہ مریم نے سینئر نرسز سے سنا تھا کہ رات کی شفٹ کے آن ڈیوٹی ڈاکٹرز عام طور سے اپنے اپنے کمروں میں مورچہ بند ہو کر بیٹھنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔
’’کیسا محسوس کر رہے ہیں ملک صاحب!‘‘ وہ شخص ملک صاحب کے بستر کے قریب آکر دریافت کرنے لگا۔ ملک صاحب نے کیا جواب دیا، مریم سن نہیں پائی۔ وہ دل ہی دل میں ’’جل تُو جلال تُو‘‘ کا ورد کرنے لگی۔ نگہت نے اسے خاص طور سے تاکید کی تھی کہ آن ڈیوٹی ڈاکٹر کو کال کرنے کی کوشش مت کرنا اور کسی بھی طرح کی پرابلم ہو تو اسے خود ہینڈل کرنا کیونکہ ایک تو ملک صاحب کی حالت بے حد تسلی بخش تھی اور دوسرا اس صورت میں نگہت کی جواب طلبی کا اندیشہ تھا۔
’’آپ تو ماشائ اللہ بالکل ٹھیک لگ رہے ہیں ملک صاحب! ان شائ اللہ مارننگ میں آپ کو ڈسچارج کر دیا جائے گا۔‘‘ مریم کی طرف ایک نظر ڈالے بغیر ڈاکٹر صاحب نے چیک اپ مکمل کرتے ہوئے مسکرا کر کہا۔
’’اب آپ کی ضرورت نہیں ہے سسٹر! آپ چل کر میرے کیبل میں بیٹھےے میں ابھی آتا ہوں۔ میرا خیال ہے، آپ کو بہت نیند آرہی ہے اور آپ کو ایک کپ کافی کی ضرورت ہے۔‘‘
ڈاکٹر نے پہلی مرتبہ مریم کی طرف دیکھ کر کہا۔ ان کی آنکھوں میں اب نیند کا شائبہ بھی نہیں تھا اور ان کے چہرے پر عجیب مبہم سی مسکراہٹ تھی۔ وہ دوبارہ سے ملک صاحب کی طرف متوجہ ہوا تو مریم فوراً اس پرائیویٹ روم سے باہر نکل کر نرسز کے لےے بنے ہوئے مخصوص کیبن میں آکر واش روم میں گھس گئی۔ اسے جواب طلبی سے ہمیشہ ڈر لگتا تھا۔ اور اس وقت اسے نگہت پہ سب سے زیادہ غصہ آرہا تھا۔
٭٭٭
’’کیا آ آ آ۔۔۔‘‘ نگہت نے ساری بات سن کر شہادت کی انگلی منہ میں ڈال کر جس طرح ’’کیا آ آآ‘‘ کا نعرہ بلند کیا، اس سے مریم تو جھنجلائی ہی ، ساتھ ساتھ دور آئینے میں اپنا عکس دیکھتی روبینہ بھی ہڑبڑا گئی۔ وہ لپ اسٹک لگانے میں مصروف تھی۔ نگہت کی بانگ نے اس کے ہاتھ کا توازن بھی خراب کیا جس سے لپ اسٹک ہونٹوں کے کنارے سے آگے پھیلتی چلی گئی۔ اس نے منہ سے کچھ نہیں کہا، مگر اس کے چہرے پر نگہت کے لےے ’’فٹے منہ تمہارا‘‘ والے تاثرات تھے۔
’’کیا تم سارا وقت واش روم میں بیٹھی رہیں؟‘‘ نگہت نے سابقہ حیرانی و پریشانی سے پوچھا۔ مریم نے اسے آنکھ کے اشارے سے خاموش ہوجانے کے لےے کہا، کیونکہ وہ روبینہ کے سامنے یہ سارا معاملہ ڈسکس نہیں کرنا چاہتی تھی۔ روبینہ سے تو خیر اس کی بہت گہری دوستی ہی نہیں رہی تھی مگر تزئین سے بھی اس نے ابھی یہ ساری بات ڈسکس نہیں کی تھی۔ لیکن نگہت کو بتانا بے حد ضروری تھا، روبینہ اپنی سرگرمیوں میں دوبارہ مصروف ہوچکی تھی، اس لےے اس نے ان کی جانب اتنا دھیان ہی نہیں دیا۔
’’تو کیا تم سارا وقت واش روم میں بیٹھی رہیں؟‘‘ مریم کے ٹوکنے پر نگہت نے آواز کو بے حد دھیما کرتے ہوئے دوبارہ پوچھا۔
’’نہیں، میں سارا وقت واش روم میں بیٹھی نہیں رہی بلکہ واش روم کی چھت سے لٹک گئی تھی۔‘‘ مریم نے بہت جل کر جواب دیا مگر نگہت پہ کوئی اثر نہیں ہوا۔
’’ملک صاحب تو بہت خفا ہوں گے؟‘‘ وہ بڑبڑائی۔مریم کا سارا دھیان روبینہ کی جانب تھا جس کی تیاری آخری مراحل میں تھی۔ مریم خود بھی یہ سارا معاملہ تفصیل سے ڈسکس کرنا چاہتی تھی مگر اسے روبینہ کے کمرے سے نکل جانے کا انتظار تھا۔
’’وہ ڈاکٹر کون تھا جس نے تمہیں ڈانٹا تھا؟‘‘ نگہت نے ایک اور سوال اٹھایا۔ اب کی بار مریم نے اسے گھور کر دیکھا پھر روبینہ کی پروا کےے بغیر بولی۔
’’میں تمہیں بتا چکی ہوں کہ میں اس ڈاکٹر کا نام نہیں جانتی۔ میں نے دو ایک بار اسے وارڈز میں چلتے پھرتے دیکھا ہے مگر چونکہ مجھے وارڈز میں آتے جاتے بھی صحیح معنوں میں جمعہ جمعہ آٹھ دن نہیں ہوئے، اس لےے میری بہت سارے لوگوں سے ابھی واقفیت نہیں ہے۔‘‘ نگہت نے اس کے لہجے کی سختی کا قطعاً برا منائے بغیر گردن ہلانا شروع کر دی تھی ،گویا اس کی بات سے اتفاق کر رہی ہو۔
’’وہ ڈاکٹر مرتضیٰ تو نہیں تھے نا؟‘‘ نگہت نے پوچھا
’’نہیں بابا، وہ ڈاکٹر مرتضیٰ نہیں تھے۔‘‘ مریم نے اسے تسلی دلائی۔
’’وہ ڈاکٹر مرتضیٰ ہو بھی نہیں سکتے۔ انہوں نے میرے کام میں مداخلت کر کے اپنی شامت بلوانی تھی۔‘‘ نگہت نے باآواز بلند خود کلامی کی تھی۔ مریم نے اس کی جانب حیرانی سے دیکھا۔
’’یار! ڈاکٹر مرتضیٰ بہت رحم دل انسان ہیں۔ وہ کسی کو نہیں ڈانٹ سکتے۔ میرا تو وہ بہت خیال رکھتے ہیں۔ مجھے یقین ہے جس ڈاکٹر نے تمہیں ڈانٹ پلائی ہے، وہ ڈاکٹر مرتضیٰ نہیں تھے۔‘‘ نگہت اس کی حیرانی بھی رفع کر رہی تھی اور ساتھ ہی ساتھ خود کو بھی یقین دلا رہی تھی۔
’’مریم! میں اپنے کزن کے ساتھ خالہ کے گھر جا رہی ہوں۔ میں لیٹ واپس آئوں گی۔‘‘ روبینہ کی تیاری مکمل ہوچکی تھی۔ اپنا دوپٹہ شانوں پہ درست کرتی وہ مریم کو اپنے پروگرام کے بارے میں مطلع کر رہی تھی۔ مریم نے مسکرا کر صرف سننے پر اکتفا کیا۔ روبینہ کے لاہور شہرمیں اچانک بہت سے رشتے دار پیدا ہوگئے تھے۔ وہ اکثر اوقات ان سب سے ملنے کے لےے جاتی رہتی تھی اور واپسی میں لیٹ ہوجانا اس کا عام معمول تھا۔ جب تک روبینہ کمرے سے نکل گئی، مریم اسی کی جانب دیکھتی رہی۔ روبینہ اتنے دنوں میں بہت نکھر گئی تھی۔
’’تم نے اس ڈاکٹر کے اوول آل پر لگا بیج نہیں دیکھا تھا؟‘‘ روبینہ کے چلے جانے کے بعد نگہت پھر سے اسی موضوع پر آگئی۔ وہ بے حد تشویش میں مبتلا تھی۔
’’ارے یار! اس نے اوول آل کندھے پر ڈال رکھا تھا۔ میں دیکھ ہی نہیں پائی اس کے نام والا بیج۔‘‘ مریم نے افسوس سے کہا۔ اسے نگہت کی پریشانی کا احساس تھا اور خود بھی کم پریشان نہیں تھی۔
’’میں ایسا کرتی ہوں کہ تمہیں اس شخص کا حلیہ بتانا شروع کرتی ہوں۔ تم خود ہی اندازہ کرلینا کہ وہ کون ہوسکتا ہے۔‘‘ اس ڈاکٹر کے متعلق بتانے لگی۔
’’ہاں میں سمجھ گئی، وہ یقینا ڈاکٹر عادل تھا۔ مجھے پہلے ہی سمجھ جانا چاہےے تھا کہ وہ ڈاکٹر عادل کے علاوہ کوئی اور ہو ہی نہیں سکتا۔‘‘ نگہت نے ناگواری سے ناک چڑھا کر کہا۔
’’ستیا ناس ہو تمہارا ڈاکٹر عادل۔۔۔ اس ملک نے تو میرا قیمہ کردینا ہے۔‘‘ اب وہ بڑبڑا رہی تھی۔ مریم کو اس کی کچھ باتیں سمجھ میں آرہی تھیں اور کچھ بالکل سمجھ میں نہیں آرہی تھیں۔ وہ بیک وقت ڈاکٹر عادل اور ملک صاحب کے خوف میں مبتلا تھی۔
’’ڈاکٹر عادل میری شکایت تو نہیں کردیں گے؟‘‘ مریم نے ایک نئی تشویش میں گھر کر نگہت سے پوچھا۔
’’تمہیں ڈاکٹر عادل کی پڑی ہے اور مجھے اس ملک سے خطرہ ہے۔‘‘ نگہت اکتا کر بولی، پھر مریم کے رنگ بدلتے چہرے پر نظر پڑی تو فوراً بات پلٹ کر بولی۔
’’ایسی کی تیسی ڈاکٹر عادل کی، بھاڑ میں جائے۔ تمہیں پروا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘
’’میں ان سے ایکسکیوز کر لیتی ہوں؟‘‘ اس نے گویا نگہت سے اجازت طلب کی۔ نگہت بدک اٹھی۔
’’خبردار! جو تم اس شخص کے پاس گئیں۔ تمہیں کیا پتا وہ کس قدر برا آدمی ہے۔ دنیا کا خبیث ترین آدمی ہے۔ تم نے بہت اچھا کیا جو تم اس کے کیبن میں نہیں گئیں۔ اس انسان نے تو ہمارا جینا ہی حرام کر دیا ہے۔ تم کیا جانو کتنی لڑکیوں کوکافی پلوانے کے بہانے برباد کر چکا ہے۔ ایسے لوگوںکو تو اپنے مرتبے اور مقام کا احساس بھی نہیں ہوتا۔‘‘ نگہت کی باتیں مریم کے لےے کسی قدر انوکھی تھیں اور دل دہلا دینے والی بھی مگر پھر بھی وہ مطمئن تھی کہ نگہت جیسی دوست اس کے ہمراہ تھی جو اسے بہت سی مشکلات سے بچا سکتی تھی۔
٭٭٭
چھٹی والے روز خلاف توقع اس کے پاس کرنے کے لےے کوئی کام نہیں تھا کیونکہ وہ ایک دن پہلے ہی سب کام کر کے فارغ ہوچکی تھی۔ وہ مہینے بھر بعد ہی گھر جاپاتی تھی، اس لےے اپنے میلے کپڑے وہ ہاسٹل میں ہی دھو لیتی تھی۔ اس نے کل ہی ہفتہ بھر کے میلے کپڑے دھوئے تھے پھر رات کو انہیں پریس بھی کر لیا تھا۔ وہ چونکہ ذرا جلدی اٹھنے کی عادی تھی اس لےے روبینہ اور تزئین کے اٹھنے سے پہلے ہی اس نے اپنی الماری میں کتابوں وغیرہ کی ترتیب درست کی، رات کی چائے کے جوٹھے برتن دھوئے اور اس کے بعد اس نے پریس کیا ہوا یونیفارم بھی دوبارہ پریس کر لیا تھا مگر روبینہ اور تزئین ابھی بھی گھوڑے گدھے بیچ کر سو رہی تھیں۔ ان کو جگاتے جگاتے اسے بھی نیند آنے لگی اور اس وقت وہ سونا نہیں چاہتی تھی۔ وہ تینوں چھٹی کے روز ایک ساتھ ناشتا کیا کرتی تھیں اور تقریباً ہر اتوار ہی اسے ناشتے کی طلب میں بہت دیر تک بھوکے رہنا پڑتا تھا کیونکہ اس کی دونوں روم میٹس بہت لیٹ اٹھنے کی عادی تھیں۔
ان دونوں کو کوسنے دیتی وہ اٹھ کر کمرے سے باہر آگئی۔ سارے ہاسٹل میں ویرانی چھائی ہوئی تھی۔ ویک اینڈ پہ بہت سی لڑکیاں گھروں کو چلی جاتی تھیں یا پھر اپنے رشتہ داروں کے یہاں وقت گزارنا پسند کرتی تھیں۔ مریم کوریڈور سے گزرتے ہوئے ارد گرد کے کمروں کے دروازوں پہ لگے موٹے موٹے تالے دیکھتی لان میں آگئی، مگر ساڑھے نو بجے ہی سورج کی تابناکی عروج پر تھی۔ صبح کی تیز دھوپ اسے تپتی دوپہر کا مزا دے رہی تھی۔ وہ اکتا کر دوبارہ کوریڈور کی سمت آگئی۔
’’اماں! میری میتھس کی نوٹ بک پہ دو اسٹارز ملے ہیں۔ ٹیچر کہتی ہیں، ساری کلاس میں علیزے کا میتھس سب سے اچھا ہے۔ میں ہمیشہ ٹین آئوٹ آف ٹین لیتی ہوں اماں۔‘‘
ایک کمرے کے آگے سے گزرتے ہوئے مریم کے کانوں میں آواز پڑی۔ وہ کمرا کس کا تھا، مریم نہیں جانتی تھی مگر ادھ کھلے دروازے سے فرش پر بیٹھی ایک بچی اسے واضح دکھائی دے رہی تھی۔ اس بچی کے سامنے جگسا پزل پڑی تھی۔ وہ فرش پر سے اس کے ٹکڑے اٹھا اٹھا کر جگسا پزل کے فریم میں جمع کرنے میں مصروف تھی۔ وہ صحت مند سی گپلو سی بچی، مریم کو پہلی نظر میں ہی بے حد کیوٹ لگی۔ اس کا دل چاہا کہ کمرے کے اندر جا کر اس بچی کو پیار کرے۔ ابھی وہ اپنے اس ارادے کو عملی جامہ پہنانے کا سوچ ہی رہی تھی کہ بچی کی ماں کی آواز بھی سنائی دی۔
ؔؔ’’اماں کی چندا! اردو کے بارے میں بھی تو بتائو۔ تمہاری اردو کی ٹیچر کہہ رہی تھیں کہ تم اردو کے املا میں بہت غلطیاں کرتی ہو۔‘’
مریم کے لےے یہ آواز بہت جانی پہچانی تھی۔ میڈم زینت کی آواز تو وہ سینکڑوں آوازوں میں بھی پہچان سکتی تھی۔ اسے حیرت ہوئی میڈم زینت کی بیٹی بالکل بھی ان پر نہیں گئی تھی۔ اس بچی کی رنگت بے حد سرخ و سفید تھی جبکہ میڈم زینت کافی سانولی تھیں۔ مریم نے اندر کمرے میں جانے کا ارادہ ترک کر دیا کہ بہرحال میڈم زینت کبھی بھی اس کی گڈ بکس میں شامل نہیں رہی تھیں۔
’’تم یہاں کیا کر رہی ہو؟‘‘ میڈم زینت نے اسے اپنے کمرے کے باہر کھڑا دیکھ لیا تھا۔
’’السلام علیکم۔‘‘ اس نے گڑبڑاہٹ میں سلام کر ڈالا۔ حالانکہ یہاں اس طرح سے سلام کرنے کا رواج ذرا کم ہی تھا۔
’’وسلام۔۔۔ خیریت؟‘‘ انہوں نے دروازے کے قریب آکر استفہامیہ انداز میں پوچھا۔ وہ انہیں کوئی مناسب جواب دینے ہی والی تھی کہ پیون اسے بلانے آگیا۔
’’تسی اتھے کھڑے او، میں تہاڈے کمرے وچ لب ریاسی۔ تہاڈے پائی ہوراں آئے نیں۔‘‘ (آپ یہاں کھڑی ہیں اور میں آپ کو آپ کے کمرے میں تلاش کر رہا تھا۔ آپ کے بھائی آئے ہیں۔)
اسے خوشگوار جھٹکا لگا۔ وہ تقریباً بھاگتے ہوئے گیسٹ روم کی جانب آئی۔ حیدر اس سے ملنے کے لےے آیا تھا۔
’’ایہہ بیٹھے نیں تہاڈے پائی جان۔‘‘ پیون بھی اس کے ساتھ ہی بھاگ کر گیسٹ روم تک آیا تھا۔ لڑکیوں سے ملنے کے لےے آنے والے لوگوں سے ٹپ وغیرہ ملنے کی توقع اس کو بہت مستعد کر دیتی تھی۔
’’اس احمق سے کہو، میں تمہارا پائی جان نہیں ہوں۔‘‘ حیدر چڑ کر بولا۔ مریم کو اس کے انداز پر خوامخواہ کی ہنسی آئی۔ گزشتہ بار جب وہ گھر گئی تھی تو اس کی امی نے سرسری سا ذکر کیا تھا کہ اس کی پھوپھو، حیدر کے لےے اس کا رشتہ مانگ رہی ہیں۔ ظاہر ہے یہ بات حیدر بھی جانتا تھا، اس لےے اس کے انداز پہلے کی نسبت کچھ بدل سے گئے تھے۔
’’میں تمہیں لینے کے لےے آیا ہوں۔‘‘ ابتدائی علیک سلیک کے بعد حیدر نے کہا۔ سفید لٹھے کے کڑکتے کلف شدہ شلوار قمیص میں وہ خود کو کسی ریاست کا راجہ سمجھ رہا تھا۔ اسے اپنی وجاہت کا بے حد احساس تھا اور گیسٹ روم میں آتی جھانکتی لڑکیاں اسے باور کرا رہی تھیں کہ وہ اچھا لگ رہا ہے۔ مریم نے اس کی بات کو کوئی اہمیت نہیں دی۔
’’تمہیں کچھ احساس ہے گلابی سنڈی! اس بار تمہیں پورا ڈیڑھ مہینہ ہوگیا ہے گھر سے آئے ہوئے وہاں سب تمہارے لےے کتنے اداس ہورہے ہیں۔‘‘ حیدر نے اتنا کہہ کر ملک شیک کے گلاس میں موجود آخری گھونٹ بھی اپنے اندر منتقل کر لیا اور پھر تب تک گلاس منہ سے لگائے رکھا جب تک آخری قطرہ بھی اس کے منہ میں منتقل نہیں ہوگیا۔
’’حیدر کے بچے۔۔۔ شرم کرو۔۔۔ سب لڑکیاں دیکھ رہی ہیں۔‘‘ اس نے جل کر کہا۔ اسے افسوس ہوا کہ اس نے حیدر کو ملک شیک آفر ہی کیوں کیا۔
’’ارے تو اس میں شرم والی کیا بات ہے، ماشائ اللہ اتنا خوبرو ہوں۔ لڑکیوں نے دیکھ بھی لیا تو کیا ہوا اور پھر لڑکیاں ہی دیکھ رہی ہیں نا، ان کی مائیں تو نہیں۔ مائیں دیکھتیں تو میں شرماتا بھی کیونکہ ہمارے معاشرے میں داماد تو مائیں ہی پسند کرتی ہیں نا۔‘‘ وہ ڈھیٹ بنا کہہ رہا تھا۔
’’یہ لاہور ہے حیدر صاحب! آپ کا بھائی پھیرو نہیں۔ یہاں لڑکیاں اپنی مرضی سے اپنی مائوں کے لےے داماد چنتی ہیں۔‘‘
وہ اسی کے انداز میں بولی مگر اس پر کوئی اثر نہیں ہوا۔
’’اچھا یہ تو بڑے مزے کی بات ہے۔۔۔ تم نے بھی کچھ سیکھ لینا تھا ہمارا بھی کوئی فائدہ ہوجاتا۔ اب ہم کہاں تمہارے لےے خوار ہوتے پھریں گے۔‘‘ وہ اسے چڑاتے ہوئے بولا۔
’’ارے تم فکر مت کرو۔۔۔ میں نے سب سیکھ لیا ہے۔۔۔ میرے لےے تمہیں کوئی خواری نہیں اٹھانی پڑے گی۔‘‘
مریم نے شرارت کا بدلہ شرارت سے لیا مگر حیدر کے چہرے کا رنگ بدلا، ایک لمحے کے لےے وہ خاموش ہوگیا پھر گہری سانس لے کر بولا۔
’’یہ بات تو تم دل سے نکال دو مریم بی بی! میں جانتا ہوں یہ خواری تو مجھے ہی اٹھانی پڑے گی کیونکہ یہ میری قسمت میں لکھی ہوئی ہے۔ یہ دیکھو میرے ہاتھ پر کتنا واضح “M” لکھا ہے۔‘‘
اس نے اپنی ہتھیلی اس کے سامنے پھیلا دی۔ اس کے دل اور دماغ کی لائن اس طرح سے آپس میں ملتی تھی کہ اگر زندگی کی لائن کو ساتھ ملا کر دیکھا جاتا تو ایسا ہی محسوس ہوتا تھا جیسے “M” لکھا ہے۔ حیدر کے چہرے پر پھیلی میٹھی سی سنجیدگی نے مریم کو عجیب سے احساسات سے دو چار کیا وہ بچی نہیں تھی کہ حیدر کے محسوسات کو سمجھ نہ سکتی۔ وہ پہلے کی نسبت خود کو بہت میچور محسوس کرتی تھی۔ حیدر جب تک بیٹھا رہا اسی طرح کی بے سروپا باتیں کرتا رہا۔ حیدر کے جانے کے بعد وہ اپنے کمرے میں آئی تو اس کا موڈ بے حد خوش گوار ہوچکا تھا۔
’’تو پیا سے مل کر آئی ہے بس آج سے نیند پرائی ہے۔‘‘ تزئین نے اسے دیکھتے ہی گنگنانا شروع کر دیا۔ روبینہ کمرے میں موجود نہیں تھی۔
’’یہ کون تھا؟‘‘ تزئین نے شرارتی انداز میں پوچھا۔ وہ شاید گیسٹ روم میں اسے کسی لڑکے کے ساتھ بیٹھا دیکھ چکی تھی۔
’’کزن تھا میرا۔۔۔ حیدر۔۔۔ میرے بھائی کے جیسا ہے۔‘‘ وہ ذرا چڑ کر بولی۔ اسے پتا تھا اب تزئین مزید سوالات کرے گی، اس لےے فوراً بھائی کا حوالہ دیا مگر تزئین نے بات ہی پکڑلی۔
’’ہیں۔۔۔ سچ تمہارا بھائی بھی ایسا ہی ہے۔ اس کا مطلب تمہارا بھائی بھی بہت ہینڈسم ہے۔ تم نے اس کی منگنی وغیرہ تو نہیں کی ہوگی ابھی، یار پلیز، ایسا کرتے وقت ایک بار میرے متعلق ضرور سوچنا۔ میرا اور تمہارے بھائی کا پرفیکٹ کپل بنے گا۔ وہ کیا کہتے ہیں پرفیکٹ میچ۔‘‘ وہ آنکھیں بند کےے کہہ رہی تھی۔ مریم کو ہنسی آگئی۔
’’بکو نہیں۔۔۔ تم سے چھوٹا ہوگا وہ۔‘‘ وہ ہنستے ہوئے بولی۔
’’ہائے ہائے ایک تو ہر ہینڈسم لڑکا مجھ سے چھوٹا ہوتا ہے اور جو مجھ سے بڑا ہوتا ہے وہ ’’کزن‘‘ ہوتا ہے اور ’’کزن‘‘ پہ پہلا حق تمہارا ہے۔ میں تمہارے حق پہ ڈاکہ نہیں ڈال سکتی۔‘‘
وہ آنکھ مارتے ہوئے بولی۔ مریم خاموش ہی رہی۔ وہ پہلے بھی حیدر کا غائبانہ تعارف کرواچکی تھی اور تزئین، مریم کو اکثر حیدر کے نام سے چھیڑتی تھی۔ چونکہ روبینہ کا بھی کزن اس سے ملنے آتا رہتا تھا اس لےے وہ ان دونوں سے کہا کرتی تھی۔
’’یار! ویسے تم لوگ اس معاملے میں کتنے خود کفیل ہو جسے دیکھو اس کا ہی ایک عدد کزن ضرور ہے۔ ایک میں ہی ’’بے کزنی‘‘ پیدا ہوگئی ہوں، اس بھرے جہاں میں۔‘‘
مریم نے چائے اور ناشتے کے لوازمات دیکھنے شروع کےے پھر تزئین سے پوچھا۔
’’روبینہ کہاں ہے؟‘‘
’’وہ بھی گیسٹ روم میں ہی تھی۔۔۔ اس کا بھی کزن آیا ہوا ہے۔‘‘
تزئین نے جل کر جواب دیا۔ مریم خاموشی سے اپنے کام میں مصروف رہی وہ روبینہ کو گیسٹ روم میں ایک لڑکے کے ساتھ بیٹھا دیکھ چکی تھی۔
٭٭٭
’’آپ سب لوگ انتہائی نکمّے، کام چور اور انسانیت سے عاری لوگ ہیں۔‘‘
سرجن مرتضیٰ کی آواز قدرے اونچی تھی۔ مریم چند لمحے پہلے وارڈ میں داخل ہوئی تھی اس نے حیرانی سے ان کی جانب دیکھا۔ اس نے انہیں پہلی مرتبہ اس قدر غصے میں دیکھا تھا۔ دھیمے لہجے اور پرشفقت اندا ز میں بات کرنے والے سرجن مرتضیٰ اس کے پسندیدہ ترین ڈاکٹر تھے۔مستقل فکیلٹی کا حصہ ہونے کے ساتھ ساتھ وہ آرتھو پیڈک وارڈ کے ہیڈ بھی تھے۔
مریم کی ڈیوٹی اسی وارڈ میں لگ رہی تھی اس لےے ان سے بھی اکثر سامنا رہتا تھا۔ ان کا اتنا غصیلا روپ وہ پہلی بار دیکھ رہی تھی۔
’’میں نے الطاف سے کہا تھا سر! مگر وہ کہنے لگا کہ۔۔۔‘‘ اختر منمنایا۔
’’مجھے بے وقوف بنانے کی کوشش مت کرو اختر! تم جانتے ہو کہ غلطی تمہاری ہے۔‘‘
سرجن مرتضیٰ نے اس کی بات کاٹی۔
’’میں نے ایکسرے رپورٹ دیکھ کر پرسکپرشن لکھا تھا۔ اس بچی کے جوائنٹس ابھی اس قابل بھی نہیں تھے کہ ایک سوئی کا بوجھ اٹھا سکے اور تم نے کمال جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پلستر ہی ہٹا دیا۔ مجھے یہ بتائو سرجن میںہوں یا تم؟ ہفتہ بھر سے پہلے تم نے ایک مریض کی پٹیاں نہیں کھولنی۔‘‘ ان کا لہجہ اب کی بار پہلے سے بھی زیادہ اونچا تھا۔ مریم کو اصلاحات سمجھ میں آنے لگی تھیں۔ اختر علی آرتھو پیڈک وارڈ کا سینئر موسٹ میل نرس تھا۔ اسے اکثر معاملات میں اپنی من مانی کرنے کی عادت تھی۔ وہ رشوت لے کر بہت سے غلط سلط کام کردینے کا عادی تھا جس کا خمیازہ اسے بعدمیں بھگتنا پڑتا تھا۔
’’میں نے خود پٹیاں نہیں کھولی تھی سر! ان کے گھر والوں کا اصرار تھا کہ اب پٹیاں کھول دی جائیں۔ وہ میری منت سماجت کر رہے تھے بس اس لےے میں نے۔۔۔‘‘
’’پہلے تمہاری منت سماجت کر رہے تھے اور اب میری منت سماجت کر رہے ہیں کیونکہ اب کوئی آرتھوپیڈک ایسا نہیں جو ان کی بیک بون کے اس مہرے کو دوبارہ سے پوزیشن پر لاسکے۔ تمہاری عجلت کے باعث ایک اچھا بھلا صحت مند انسان ساری زندگی کے لےے مفلوج ہوگیا۔‘‘ سرجن مرتضیٰ نے ایک بار پھر اس کی بات کاٹ کر کہا۔
’’میں آپ سے کہہ تو رہا ہوں سر کہ۔۔۔‘‘
’’اچھا چلو ایک لمحے کے لےے فرض کرلیتا ہوں کہ اس مریض کے گھر والے اصرار کر رہے تھے مگر اس بچی کا کیا قصور تھا جس کا پلستر ہٹادیا تم نے، اس بچی کے پیرنٹس سے میری بات ہوئی ہے وہ کہہ رہے ہیں کہ تم نے زبردستی اس کا پلستر ہٹایا تھا کیونکہ وارڈ میں کوئی بیڈ خالی نہیں تھا اور تمہارا کوئی رشتہ دار ہاسپٹل میں ایڈمٹ ہونے والا تھا اسی لےے تم نے اس بچی کا پلستر کھول دیا۔‘‘
سرجن مرتضیٰ چبا چبا کر کہہ رہے تھے۔ مریم کے علاوہ ، الطاف، نگہت وغیرہ بھی ارد گرد کھڑے تاسف بھری نظروں سے اختر کی جانب دیکھ رہے تھے۔ ہفتہ بھر پہلے سرجن مرتضیٰ نے اسے تنبیہہ کی تھی مگر وہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا۔
’’سرجن مرتضیٰ اب کی بار اختر کو معاف نہیں کریںگے۔‘‘ نگہت نے مریم کے قریب ہو کر سرگوشی میں کہا۔ اس کا اندازہ بالکل درست ثابت نہیں ہوا تھا۔ ڈاکٹر مرتضیٰ، اختر کو گھورتے ہوئے اپنے کیبن کی سمت چل دےے مگر چند لمحوں بعد آرتھو پیڈک وارڈ کے آن ڈیوٹی پیرا میڈیکل اسٹاف کو طلب کیا گیا تھا۔ ان کے کیبن میں ان کے علاوہ ڈاکٹر عادل، ڈاکٹر تحریم، سرجن ظہور بھی موجود تھے۔ وہیں مریم کو پتا چلا تھا کہ جس بچی کا پلستر وقت سے پہلے کھول دیا تھا وہ سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے خاندان کی بچی تھی اور اس کے گھر والوں کی شکایت بہت اوپر تک پہنچ گئی تھی جہاں سے ایم ایس تک خاص ہدایات آئی تھیں اور ایم ایس نے سرجن مرتضیٰ کو طلب کر کے ٹھیک ٹھاک قسم کی جواب طلبی کی تھی۔
’’میں اب کی بار تمہیں پھر معاف کر دیتا ہوں۔ میں نے ایم ایس کے سامنے کہیں تمہارا نام نہیں لیا بلکہ خاموشی سے تمہاری غلطی کو اپنے کھاتے میں ڈال کر ان کی بری بھلی سن آیا ہوں مگر آج کے بعد تم نے اس قسم کی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا تو پھر تمہیں کوئی نہیں بچا سکے گا۔‘‘
سرجن مرتضیٰ نے سب کی موجودگی میں اختر کو معاف کر دیا تھا مگر اختر کے ساتھ ساتھ ان سب کو بھی اپنی اپنی ذمہ داری مکمل ایمانداری کے ساتھ نبھانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ اس سارے میں ڈاکٹر عادل کے انداز نے مریم کو بے حد سلگایا ۔ انہوں نے ساری گفتگو کے دوران کچھ بھی کہنے کے بجائے مریم کو گھورنے پر اکتفا کیا۔ نگہت نے ان کا یہ انداز دیکھ کر مریم سے آنکھوں ہی آنکھوں میں یقین دہانی چاہی تھی کہ یہ وہی ڈاکٹر ہیں جو ملک صاحب والے پرائیویٹ روم میں آئے تھے۔ مریم پہلے ہی ان کے اوول آل پر لگے بیج سے ان کا نام پڑھ چکی تھی۔ اس روز سارے وارڈ میں سرجن مرتضیٰ کے جذبۂ ایثار کی تعریف ہوتی رہی جبکہ مریم دل ہی دل میں ڈاکٹر عادل کے روےّے سے خوف زدہ رہی۔ اچھا بھلا پڑھا لکھا شخص اس قسم کی جاہلانہ حرکتیں کرتا اسے ذرا بھی اچھا نہیں لگا تھا۔
٭٭٭
’’روبینہ کی بات پکّی ہوگئی ہے۔‘‘ تزئین نے سینڈل کا اسٹرپ بند کرتے ہوئے پرمسرت لہجے میں اطلاع دی۔ وہ دونوںمارکیٹ تک جارہی تھیں۔
’’انتی خوشی کی خبر اتنی دیر سے سنارہی ہو اور یہ محترمہ روبینہ کہاں ہیں؟‘‘ مریم نے چادر اوڑھتے ہوئے مسکرا کر پوچھا۔
’’محترمہ روبینہ! اپنے کزن کم منگیتر کے ساتھ آئوٹنگ کے لےے گئی ہیں۔ میں نے پوچھا کہاں جارہی ہو تو کچھ بولی نہیں پھر شرماتے ہوئے کہنے لگی کہ اجمل کے ساتھ باہر جارہی ہوں پھر خود ہی کہنے لگی کہ بات پکّی ہونے کی خوشی میں اجمل مجھے ٹریٹ دینا چاہتا ہے۔‘‘
تزئین نے تفصیل کے ساتھ بتایا۔ وہ دونوں ہاسٹل کے کاریڈور سے ہوتی ہوئی گیٹ تک آگئی تھیں۔
’’اجمل اس کا وہی کزن ہے نا جو ہر ویک اینڈ پہ ملنے کے لےے آتا ہے؟‘‘
مریم نے پوچھا تو تزئین نے اثبات میں سر ہلا دیا۔ وہ دونوں مین روڈ کی طرف جارہی تھیں جہاں سے انہوں نے وین پکڑنا تھی۔
’’ہاں یار وہی کزن ہے۔۔۔ اچھا ہینڈسم لڑکا ہے۔۔۔ میرا تعارف تو نہیں ہے مگر میں نے بہت مرتبہ گیسٹ روم میں اور ہاسٹل کے لان میں اسے روبینہ کے ساتھ دیکھا ہے۔‘‘
تزئین جلے دل کے پھپھولے پھوڑنے میں ماہر تھی۔ وہ دونوں وین میں سوار ہوئیں تو کچھ دیر کے لےے خاموش بھی ہوگئیں پھر مارکیٹ میں بھی خریداری کرتے ہوئے اِدھر اُدھر کی باتیں ہوتی رہیں۔ سب ضروری چیزیں خرید لینے کے بعد مریم کو بھوک ستانے لگی۔ تزئین کو بھی بھوک تو لگ رہی تھی مگر ہاسٹل میں آج اس کی فیورٹ مکسڈ سبزی بن رہی تھی اس لےے وہ ڈنر ہاسٹل میں ہی کرنا چاہتی تھی۔ وہ دونوں متفقہ فیصلہ کر کے جوس پینے کے لےے ایک چھوٹے سے کھوکھے کی جانب آگئیں جہاں ملک شیک بھی دستیاب تھا۔
ان دونوں نے اسٹابری شیک کا آرڈر دیا پھر آپس میں باتیں کرتے ہوئے اِدھر اُدھر دیکھنے لگیں۔ موسم میں اوائل نومبر کی مخصوص خنکی شامل تھی۔لوگوں کا کافی رش لگا تھا۔ لاہور شہر کے باسیوں کی یہ روایت مریم کو بہت عجیب لگی تھی۔ موسم میں جیسے ہی کوئی خوش گوار تبدیلی آتی سار ا لاہور گھروں سے باہر امڈ آتا۔ ہوٹلز، ریسٹورنٹس، کھوکھے، چھوٹے چھوٹے فاسٹ فوڈ کارنرز سب جگہ گویا میلہ سا لگ جاتا تھا۔ سب لوگ تقریباً ’’ہم کھانے کے لےے زندہ ہیں‘‘، کی عملی تصویر بنے نظر آنے لگتے۔ اب بھی کم و بیش یہی صورت حال تھی۔ دوبئی چوک کے ارد گرد جتنے ٹھیلے یا فوڈ کارنرزنظر آرہے تھے وہاں بے تحاشا رش تھا۔ وہ دونوں مین جگہ کھڑی تھیں تب ہی ان سے کچھ فاصلے پر ایک بائیک آکر رکی۔ اس پر ایک لڑکا، لڑکی سوار تھے۔ لڑکے سے تو وہ دونوں انجان تھیں مگر لڑکی روبینہ تھی۔ مریم نے تزئین کو ٹہوکا دے کر متوجہ کیا۔
’’ارے۔۔۔ یہ تو روبینہ ہے۔‘‘ وہ خوش گوار حیرت میں گِھر کر بولی۔ روبینہ پہلی نظر میں تو پہچانی ہی نہیں جارہی تھی۔ دوپٹہ گلے میں ڈالے سن گلاسز بالوں میں اٹکائے وہ ایک الٹرا ماڈرن لڑکی کے روپ میں آس پاس کھڑے بہت سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھی۔ وہ اونچا لمبا ہینڈسم لڑکا بھی کافی اچھا لگ رہا تھا۔
’’آئو ان سے ملتے ہیں۔‘‘ وہ مریم کا ہاتھ تھام کر فوراً ہی دو قدم آگے ہوئی۔ روبینہ نے اسی لمحے ان کی جانب دیکھا۔ ایک لمحے کو اس کے چہرے پر عجیب سی گھبراہٹ نمایاں ہوئی۔
’’مجھے تزئین نے بتایا تھا تمہاری انگیجمنٹ کا۔۔۔ مبارک ہو روبینہ۔۔۔‘‘ مریم نے اتنا ہی کہا تھا کہ روبینہ نے اس کی بات کاٹی۔
’’یہ کامران توصیف ہیں۔‘‘
اس شخص کی پوری بتیسی باہر نکل آئی جبکہ تزئین نے حیرت سے روبینہ کی جانب دیکھا۔ وہ اس سے کہہ کر آئی تھی کہ وہ کسی اجمل نامی کزن کم منگیتر کے ساتھ باہر جارہی ہے جبکہ اس کے ساتھ موجود شخص کا نام کامران توصیف تھا اور پھر اس شخص کا انداز بھی عجیب لوفرانہ تھا۔
’’تم نے بتایا ہی نہیں روبی کہ تم انگیجڈ ہو۔۔۔ بہرحال مبارک ہو یار! اب ان دونوں کا انٹروڈکشن بھی تو کروائو۔‘‘
وہ للچاتے ہوئے انداز میں کہہ رہا تھا۔ مریم تو مریم، تزئین بھی کچھ حیرانی کے عالم میں اسے تکنے لگی۔
’’یہاں ایک بہت اچھا ریسٹورنٹ ہے آئےے آپ کو کولڈڈرنک پلواتا ہوں روبینہ کی انگیجمنٹ کی خوشی کو کہیں بیٹھ کر سلیبریٹ کرتے ہیں۔‘‘ حقیقتاً لسوڑا تھا۔ مریم اور تزئین معذرت کرتے آگے بڑھ گئیں جبکہ روبینہ نے انہیں روکنے کی کوشش بھی نہیں کی۔
’’مریم! روبینہ جھوٹ بول رہی تھی؟‘‘ تزئین نے نا سمجھی کے انداز میں پوچھا۔ مریم خود سمجھ نہیں پائی کہ وہ اس سوال کا کیا جواب دے۔ اس نے جس لڑکے کو ایک آدھ بار گیسٹ روم میں روبینہ کے ساتھ دیکھا تھا وہ یہ لڑکا تو نہیں تھا جبکہ روبینہ نے تزئین کو بتایا تھا کہ اس کا صرف ایک ہی کزن اس سے ملنے آتا ہے۔
وہ دونوں عجب شش و پنج میں گِھری واپس ہاسٹل آگئی تھیں۔
’’وہ میرا دوست ہے یار! اچھا شخص ہے۔ فرینڈلی اور کیئرنگ۔‘‘ رات کو واپس آکرروبینہ نے تزئین کے ایک بار پوچھنے پر بہت آرام سے تسلیم کر لیا تھا۔ اس کا انداز دو ٹوک تھا کہ مریم اور تزئین کو مزید کچھ پوچھنے کی جرات ہی نہیں ہوئی۔
’’مریم! تم کامران کو بہت پسند آئی ہو۔ وہ تم سے دوستی کرنا چاہتا ہے۔‘‘ تزئین کے کمرے سے نکل جانے کے بعد روبینہ نے اسے اطلاع دی۔
’’یار! ہی از ویری رچ۔۔۔ بہت دیالو بندہ ہے۔ ایسے دوست قسمت والوں کو ملتے ہیں۔‘‘
وہ مریم کے چہرے کی جانب دیکھے بغیر اپنا ہی راگ الاپ رہی تھی جبکہ مریم کا غصہ انتہا کو پہنچنے لگا۔ یہ روبینہ اس روبینہ سے کس قدر مختلف تھی جو اسے پہلے دن کلاس میں ملی تھی جو اور جسے تزئین پرنسز آف چک جھمرہ کہا کرتی تھی۔
’’میں یہاں دوستیاں کرنے نہیں آئی۔ مجھے تو معاف ہی رکھو۔‘‘
وہ ناک چڑھا کر کہتی کمرے سے باہر نکل گئی۔ روبینہ نے کندھے اچکا کر اپنی مخصوص الماری میں منہ گھسالیا۔
٭٭٭
’’میں ماہین ہوں۔۔۔ میرے فرینڈز مجھے ماہی کہتے ہیں۔‘‘ اس کے ساتھ بیٹھی اس خوب صورت سی لڑکی نے مسکراتے ہوئے اپنا تعارف کروایا۔ مریم ایک ہفتے کی چھٹیاں گزارنے کے بعد بھائی پھیرو سے واپس لاہور جارہی تھی۔ وہ جب کوچ میں سوار ہوئی تو ماہین نامی یہ لڑکی پہلے سے کوچ میں بیٹھی ہوئی تھی۔ اس کے ساتھ والی سیٹ خالی تھی اس لےے مریم سہولت سے اس کے ساتھ بیٹھ گئی۔ حیدر تسلی کر کے ہی کوچ سے اترا تھا کہ اسے کسی خاتون کے ساتھ جگہ ملی ہے ورنہ بعض اوقات کوچ والے اس بات کا دھیان نہیں رکھتے تھے۔ کوچ اسٹارٹ ہوئی تو اس لڑکی نے اپنا تعارف کروایا۔
اعلا تراش خراش کے ڈریس میں ملبوس نفیس سے میک اپ کے ساتھ وہ کوچ میں بیٹھی ہوئی باقی سب خواتین سے بے حد مختلف لگ رہی تھی۔ اس نے باقی خواتین کی طرح دوپٹہ سر پر اوڑھنے کے بجائے کندھوں پر پھیلا رکھا تھا۔ کوچ میں سفر کرتے ہوئے مریم کو عام طور سے بہت سی نگاہوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا مگر آج ان کی سیٹ کی طرف کچھ زیادہ ہی نگاہیں اٹھ رہی تھیں۔
’’میں مریم ہوں اور میرے فرینڈز مجھے مریم ہی کہتے ہیں۔‘‘
مریم نے بھی مسکراتے ہوئے جواب دیا۔
’’نائس ٹو میٹ یو مریم۔۔۔ لاہور جارہی ہو؟‘‘ ماہین نے بے تکلف ہونے میں پہل کی۔
’’ہاں۔‘‘ مریم نے اختصار سے جواب دیا۔ اس سے پہلے کہ وہ خود سے ماہین سے کوئی سوال کرتی وہ خود ہی بولنے لگی۔
’’میں بھی لاہور جارہی ہوں۔۔۔ ان فیکٹ میں لاہور ہی کی رہنے والی ہوں۔ یہاں ساہیوال اپنے ننھیال آئی ہوئی تھی۔ مجھے تو کوچ میں سفر کرنے سے وحشت ہوتی ہے۔ پہلے ماموں کا ڈرائیور مجھے چھوڑنے کے لےے آنے والا تھا مگر ماموں کے کسی فرینڈ کی ڈیتھ ہوگئی۔ سب لوگوں کو وہاںجانا پڑا۔ میں نے سوچا اب ڈرائیور کے فارغ ہونے کا انتظار کون کرے اس لےے مجبوراً کوچ سے آنا پڑا۔‘‘
وہ کافی تفصیل سے بات کرنے کی عادی معلوم ہوتی تھی۔
’’تم لاہور میں کہاں رہتی ہو؟‘‘ اس نے مریم کی طرف دیکھتے ہوئے استفسار کیا۔
’’ہاسٹل میں پڑھتی ہوں۔‘‘
’’ویری گڈ۔۔۔ تعلیم ضرور مکمل کرنی چاہےے۔ تم کیا پڑھتی ہو۔ میں نے لاہور کالج سے گریجویشن کیا ہے اس کے بعد میں نے این سی اے سے کچھ آرٹ کورسز بھی کےے۔ آج کل اپنے ایک فرینڈ کے ساتھ اس کے فادر کی فرم میں کام کر رہی ہوں۔ میں تو کہتی ہوں سب لڑکیوں کو جاب کرنی چاہےے۔ اس دور میں سب لوگوں کا انڈیپنڈینٹ ہونا بہت ضروری ہے۔‘‘
وہ خود ہی سوال کر رہی تھی اور خود ہی جواب بھی دیتی جارہی تھی۔
’’ان فیکٹ ہماری فرم ابھی بہت وسیع پیمانے پر کام نہیں کر رہی۔ خرم بہت ہارڈورکنگ اور ٹیلنٹڈ ہے۔ وہ جس کام میں ہاتھ ڈالتا ہے اسے پورا کر کے ہی چھوڑتا ہے، اس لےے میں بہت ہوپ فل ہوں کہ ہم جلد بہت آگے آجائیں گے۔ ویسے بھی میں تو کام کے سلسلے میں آج کل کچھ غیر سنجیدہ ہوتی جارہی ہوں۔‘‘ وہ لمحہ بھر کے لےے رکی۔ اپنے پرس میں سے ایک ننھا سا آئینہ اور لپ اسٹک نکال کر میک اپ درست کرنے لگی۔ مریم کو از حد کوفت ہوئی۔ اس کا پالا ایک عجیب و غریب ’’چیز‘‘ سے پڑا تھا۔
’’یار سچ بتائوں۔۔۔ نیکسٹ ایئر میری شادی ہوجائے گی پھر مجھے لندن چلے جانا ہے۔ ثوبان وہاں ہوتا ہے نا۔ میں تب تک ہی جاب کرپائوں گی جب تک وہ آنہیں جاتا۔ اس کے بعد کیا کرنا ہے یہ میں لندن جا کر ڈیسائیڈ کروں گی۔ سنا ہے وہاں پہ کام کرنا بہت ضروی ہے ورنہ گزارانہیں ہوتا۔ خیر جو کام کل ہونا ہے اس کے بارے میں فکر مند بھی کل ہی ہونا چاہےے۔ تم بتائو تمہاری انگیجمنٹ وغیرہ ہوئی ہے ابھی تک یا نہیں۔ ویسے اتنی کیوٹ لگ رہی ہو آئی ایم شیور تم بھی ’’بک‘‘ ہوچکی ہوگی۔‘‘
وہ پھر سے شروع ہوچکی تھی۔ مریم بس ’’ہوں، ہاں‘‘ کرتے ہوئے اسے سُنے چلے جارہی تھی۔
’’تمہارا تعلق بھائی پھیرو سے ہے نا تم وہیں سے کوچ میں بیٹھی تھیں نا، کیسا شہر ہے یہ؟ ساہیوال تو قسم سے بہت ہی بورنگ جگہ ہے۔ اتنی ڈل لائف ہے وہاں کی۔ میں تو اکتا جاتی ہوں مگر میرے ننھیال والے سمجھتے ہی نہیں اصرار کےے جائیں گے کہ آئو، آئو اس لےے مجبوراً مجھے جانا پڑتا ہے۔ ویسے سب کزنز مجھے پیار بہت کرتے ہیںخصوصاً اطہر وہ میرا ہم عمر ہے۔۔۔ آئی ٹی میں ماسٹر کر رہا ہے۔ طارق بھی اسی کا کلاس فیلو ہے۔‘‘
وہ پروفیشن سے فیملی ریلیشن شپس تک آگئی تھی۔ مریم نے اکتا کر کھڑکی سے باہر دیکھنا شروع کر دیا۔ اسے پتا چل گیا تھا کہ اس کے بولنے کے چانسز بہت ہی کم ہیں۔ لاہور کے قریب پہنچنے تک وہ اپنے آدھے خاندان کا غائبانہ تعارف کرواچکی تھی۔ مزے کی بات یہ تھی کہ اس کی ساری گفتگو میں ماں باپ کے علاوہ سب رشتہ داروں کا چیدہ چیدہ ذکر آچکا تھا۔ اسی دوران اس کے موبائل کی بیپ بجنے لگی۔
’’اوہ۔۔۔ ثوبان کی کال ہے۔‘‘ اس نے پرس میں سے موبائل نکال کر CLI پر نمبر چیک کر کے خوشی سے کہا۔ اگلے پندرہ منٹ تک وہ ثوبان سے باتیں کرتی رہی۔
’’آئی مس یو ثوبان۔‘‘ اللہ حافظ کہنے سے پہلے اس نے موبائل کے مائوتھ پیس کو ہونٹوں سے لگا کر کہا۔
’’لاحول ولا قوۃ۔‘‘ مریم بھری کوچ میں اس حرکت پر شرمندگی سے جزبز ہوتے ہوئے بڑبڑائی۔
’’ثوبان کی جان ہے مجھ میں۔۔۔ بہت محبت کرتا ہے مجھ سے۔‘‘
ماہین نے مریم کی معلومات میں اضافہ کیا۔
مریم کو اس ’’ثوبان نامہ‘‘ سے کوئی دلچسپی نہیں تھی مگر ماہین نے اس کے چہرے کے بدلتے تاثرات سے قطع نظر اسے ثوبان قدوائی کے متعلق بتانا شروع کر دیا تھا۔ بات ابھی ثوبان کے پسندیدہ ٹوتھ پیسٹ تک پہنچی تھی کہ موبائل پر پھر سے بیپ بجی۔
’’ارے سفیر کا میسیج ہے۔ ایک تو میں اس لڑکے سے بھی بہت تنگ ہوں ہر دو گھنٹے بعد مجھے SMS کرنے کا شوق ہے اسے۔‘‘
ماہین نے مسکراتے ہوئے اسے بتایا۔ وہ میسیج چیک کرنے کے بعد خود بھی کچھ دیر تک موبائل کے بٹن پُش کرتی رہی۔
’’وہ کہتا ہے وہ مجھے مس کر رہا ہے اور اسے یقین ہے کہ آج میں بہت اچھی لگ رہی ہوں۔‘‘
ماہین نے اپنا موبائل دوبارہ سے پرس میں رکھتے ہوئے کہا۔
’’سفیر تمہارا بھائی ہے؟‘‘ مریم نے اس کے چہرے پر پھیلی مسرت کو دیکھتے ہوئے پوچھا۔
’’اوہ کم آن مریم! آئی ہیٹ مائی برو (برادر) سفیر از مائی فرینڈ۔‘‘ وہ کوفت سے بولی۔
’’بلّے بھئی بلّے۔ سفیر از جسٹ اے فرینڈ۔‘‘ مریم نے حیرت میں گِھر کر سوچا۔
’’میری اور میرے بھائی کی آپس میں کبھی نہیں بنی۔ اسے میری ہر بات پہ اعتراض کرنے کی عادت ہے حالانکہ چار سال چھوٹا ہے مجھ سے مگر باتیں ایسے کرتا ہے جیسے چودہ سال بڑا ہو یہ مت کرو۔۔۔ وہاں کیوںجاتی ہو۔۔۔ اس سے کیوں ملتی ہو۔۔۔ لیٹ کیوں آئی۔ فلاں کے ساتھ ریسٹورنٹ میں کیوں تھی۔ فلاں کے ساتھ گاڑی میں کیوں تھی۔ بس اس لےے اچھا نہیں لگتا مجھے۔ حالانکہ میں نے کبھی اس کی کسی بات پر اعتراض نہیں کیا۔ اس کی کتنی گرل فرینڈز ہیں، وہ نیٹ پر کون کون سی ویب سائٹس کو وزٹ کرتا ہے۔ پاکٹ منی کے علاوہ اس کے پاس روپے کہاں سے آتے ہیں۔ اسموکنگ بھی کرتا ہے۔ میں یہ سب باتیں جانتی ہوں مگر میں نے کبھی اس کی شکایت نہیں لگائی۔ جبکہ وہ تو ہمہ وقت میری شکایت لگانے کو بے تاب رہتا ہے۔ ممی نے طے کیا تھا اسے آسٹریلیا بھجوادیں گی مگر ابھی اس کا آئی ڈی کارڈ ہی نہیں بنا ان فیکٹ وہ بنوانا ہی نہیں چاہتا، حالانکہ اس منتھ کی ٹینتھ کو پورے اٹھارہ سال کا ہوچکاہے۔ پاپا کی فیور بھی اس کے ساتھ ہے نا۔‘‘
وہ لمحہ بھر کے لےے رکی۔ اس بار اس کی خاموشی عجیب سی تھی۔ افسردہ سی، تاسف بھری۔ شاید وہ کچھ مزید وقت اسی خاموشی میں گزار دیتی مگر موبائل کی بپ نے پھر اسے الرٹ کر دیا۔
’’سفیر نے دوبارہ SMS کیا ہے۔‘‘ وہ ایک بار پھر موبائل چیک کرتے ہوئے اونچی آواز میں مریم کو مطلع کر رہی تھی۔
مریم اب بالکل ہی لا تعلق ہو کر بیٹھ گئی تھی۔ ویسے بھی تھوڑا سا سفر ہی باقی رہ گیا تھا۔ اس نے ماہین عرف ماہی کی باتوں کو ایک کان سے سن کر دوسرے سے نکالنا شروع کر دیا۔ کچھ سفر ماہین کے رشتہ داروں کے تعارف میں گزرا تھا کچھ اس کے ’’فرینڈز‘‘ کے تعارف میں گزر گیا۔
’’تم سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔ تم میرے گھر ضرور آنا۔ میرا بھائی تم سے مل کر بہت خوش ہوگا۔ وہ کہتا ہے کہ یہ لڑکوں کی ہمت ہے کہ وہ مجھ جیسی دوست برداشت کر لیتے ہیں ورنہ کوئی لڑکی تو کبھی میری دوست بننے پر تیار نہ ہو۔ اب میں اسے جا کر بتائوں گی میں نے ایک بہت اچھی لڑکی کو دوست بنایا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ حیران ہوجائے گا۔‘‘
اس کی مطلوبہ جگہ پر پہنچ کر ماہین نے کہا تھا۔ یہ آخری بات تھی۔ جو مریم نے سُنی۔ وہ اسے اللہ حافظ کہے بنا کوچ سے اتر گئی تھی۔
٭٭٭
’’السلام علیکم۔۔۔ کیسی ہیں آپ سسٹر؟‘‘ ڈاکٹر عادل ایک دم اس کے سامنے آئے۔ یہ ان کی بہت اچھی عادت تھی کہ وہ سلام میں ہمیشہ پہل کرتے تھے جبکہ مریم تو انہیں دیکھتے ہی راستہ بدل لینے کی عادی تھی۔ اب بھی ان کے سلام کے جواب میں اس نے چہرے پر رسمی سی مسکراہٹ سجا کر ’’وعلیکم السلام‘‘ کہا اور آگے کی سمت بڑھ گئی۔ ڈاکٹر عادل کا آج کل کسی نئی میڈیکل آفیسر کے ساتھ زبردست افیئر چل رہا تھا اور نگہت کے پاس اس افیئر کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ ہوتی تھی۔ جس طرح وہ تفصیل سے مریم کو یہ سب بتاتی تھی اس سے تو ایسا لگتا تھا جیسے ڈاکٹر عادل کا افیئر خود اس کے ساتھ چل رہا ہے۔ مریم، ڈاکٹر عادل کو نظر انداز کرتے ہوئے سرجن مرتضیٰ کے کیبن کی سمت چل دی۔ کیبن کے قریب پہنچ کر اس نے گہری سانس بھری اور پھر دروازہ کھول کر اندر داخل ہوگئی۔ خنکی کا ایک لطیف احساس اس کے رگ و پے میں اتر آیا۔ کمرے میں کوئی موجود نہیں تھا مگر کھڑکیاں کھلی تھیں جن سے ٹھنڈی ہوا سہج سہج قدم اٹھاتی اندر آرہی تھی۔ موسم کچھ ابر آلود ہوچلا تھا۔ اسے ہوامیں بیٹھے ابھی پانچ منٹ ہی گزرے تھے کہ ایک نسوانی ہنسی کی مترنم آواز اس کی سماعتوں سے ٹکرائی۔ اس نے حیرانی سے چہار جانب دیکھا مگر کمرے میں اس کے علاوہ کوئی نہیں تھا۔ ابھی وہ اس ہنسی کو اپنا وہم سمجھ کر ذہن سے جھٹکنے ہی والی تھی کہ ایک بار پھر وہی ہنسی سنائی دی۔ چند لمحوں بعد ریٹائرنگ روم کا دروازہ کھلا اور سرجن مرتضیٰ باہر آئے گرے ڈریس پینٹ کے ساتھ لائٹ میرون رنگ کی شرٹ پہنے اپنے اونچے لمبے سراپے کے ساتھ وہ بہت جچ رہے تھے۔ بلاشبہ وہ نہایت شاندار شخصیت کے مالک تھے۔ وہ سرجن تھے مگر کسی بھی ڈاکٹر سے کم عمر دکھائی دیتے تھے۔
’’السلام علیکم سر! کیسے ہیں آپ؟‘‘ مریم نے مسکرا کر اپنی جگہ سے اٹھتے ہوئے انہیں سلام کیا۔
’’وعلیکم السلام۔۔۔ الحمداللہ خیریت سے ہیں اور آپ؟‘‘ وہ اپنے مخصوص شفیق سے انداز میں دریافت کرنے لگے۔پیرا میڈیکل اسٹاف سے لے کر آرتھو پیڈک وارڈ کے تمام چھوٹے بڑے ڈاکٹرز ان کے رعب میں تھے مگر یہ رعب و دبدبہ کبھی ان کے لہجے پر حاوی نہیں ہوا تھا۔
’’ڈاکٹر نائلہ نے عباس رضوی کی فائل بھجوائی ہے۔ وہ کہہ رہی ہیں کہ عباس صاحب کی ڈسچارج شیٹ پر سائن کر دیجےے۔‘‘
اس نے ہاتھ میں پکڑی فائل کو ان کی میز پر رکھتے ہوئے ڈاکٹر نائلہ کا پیغام دیا۔ جب سے اختر کو ڈانٹ پڑی تھی سب ہی لوگ محتاط ہوگئے تھے۔
’’اتنی جلدی میں کیوںہیں مریم! اطمینان سے بیٹھ کر بات کیجےے۔‘‘
سرجن مرتضیٰ نے ریوالونگ چیئر پر بیٹھتے ہوئے مسکرا کر اسے بھی بیٹھنے کا اشارہ کیا۔ وہ بیٹھ تو گئی مگر ریٹائرنگ روم کے ادھ کھلے دروازے سے نظریں ہٹا نہیں پائی تھی۔ اس نے واضح طور پر سفید کپڑوں میں ملبوس کسی لڑکی کی جھلک دیکھی تھی۔ سرجن مرتضیٰ نے عباس رضوی کی فائل چیک کرنا شروع کر دی تھی جو بے حد تسلی بخش تھی۔
’’مریم!‘‘ سرجن مرتضیٰ نے میز کی سطح کو انگلی سے بجا کر اسے متوجہ کیا۔ اس کا سارا دھیان ریٹائرنگ روم کی جانب تھا۔
’’آر یو اوکے۔۔۔؟‘‘ وہ اپنے مشفق انداز میں پوچھنے لگے۔
’’وہ۔۔۔ وہاں کوئی ہے۔‘‘ اس نے عجب بے یقینی میں گِھر کر کہا۔ کیونکہ سرجن مرتضیٰ اس بات کو مائنڈ بھی کر سکتے تھے۔
’’وہ نگہت ہے۔۔۔ میرے ریٹائرنگ روم کا کارپٹ بہت گرد آلود ہورہا تھا۔ وہ کارپٹ صاف کر رہی ہے۔‘‘ دیکھتے ہوئے وضاحت دی۔
’’نگہت۔۔۔ نگہت۔۔۔ بس کرو بھئی، بہت ہوچکی ڈسٹنگ باہر آئو۔‘‘ انہوں نے آواز دے کر اسے باہر بلایا۔
نگہت باہر آئی تو اس کے ہاتھ میں سچ مچ جھاڑو تھی۔ وہ ویکیوم سے صفائی کرنے کے بجائے جھاڑو سے صفائی کر رہی تھی۔
’’سرجن مرتضیٰ نے کبھی کسی خاکروب سے اپنے کمرے کی صفائی نہیں کروائی کیونکہ انہیں تو روم میں نماز بھی پڑھنی ہوتی ہے اور ان کے روم میں قرآن کریم بھی رکھا ہے اس لےے یہاں کی صفائی ہمیشہ میں کرتی ہوں۔‘‘
مریم کے استفسار کی نوبت بھی نہیں آئی تھی اور نگہت خود ہی صفائی دینا شروع ہوگئی تھی۔ مریم نے دل ہی دل میں خود کو ڈانٹا۔
سرجن مرتضیٰ نے فائل پر سائن کےے تو وہ ڈاکٹر نائلہ کے کیبن کی طرف چلی آئی۔ ریسیپشن کے قریب سے گزرتے ہوئے اس نے ڈاکٹر عادل کو تزئین کے پاس کھڑے دیکھا۔ اس نے نگہت کے علاوہ ڈاکٹر عادل کے بارے میں کبھی کسی سے کوئی بات نہیں کی تھی، بلکہ نگہت سے بھی دو ایک بار ہی بات ہوئی تھی اور ان دو ایک بار کی بات نے ہی مریم کے چودہ طبق روشن کر دےے تھے۔ روبینہ سے مریم کی ایسی خاص دوستی نہیں تھی مگر تزئین کو سمجھانا وہ اپنا فرض سمجھتی تھی۔ اس نے سوچا تھا ہاسٹل جا کر تزئین سے تفصیلی بات کر لے مگر اس کی نوبت ہی نہیں آئی۔ وہ ہاسٹل واپس پہنچی تو تزئین الماری میں منہ گھسائے نہ جانے کیا تلاش کر رہی تھی۔ وہ مریم سے کچھ دیر پہلے ہی ہاسٹل واپس آئی تھی۔
’’کیا کر رہی ہو؟‘‘ مریم نے بستر پر بیٹھ کر جوتے کے تسمے کھولتے ہوئے سرسری لہجے میں دریافت کیا۔ تزئین کو شاید مریم کے کمرے میں آمد کے بارے میں پتا نہیں چلا تھا اس لےے وہ کچھ چونک سی گئی۔
’’یار! میں گھر جارہی ہوں امی کا فون آیا تھا وہ مجھے بلا رہی ہیں۔‘‘ تزئین نے لمحہ بھر کے لےے الماری میں سے منہ نکال کر جواب دیا۔
’’خیریت؟‘‘ تزئین کے گھر سے ایسے بلاوا آنا کچھ اچنبھے کی بات تھی۔
’’میں نے خود فون ریسیو نہیں کیا۔ ریسیپشن پہ شبیر بھائی تھے۔ انہوں نے پیغام نوٹ کر لیا تھا۔ مجھے بس یہی پتا چلا کہ وہ مجھے یاد فرما رہی ہیں۔‘‘
وہ خاصے اکتائے ہوئے لہجے میں کہہ رہی تھی۔ جب سے اس کی امی نے اس کی بڑی بہن کی زبردستی شادی کی تھی۔ ان کے بارے میں بات کرتے ہوئے اس کے لہجے میں طنز نمایاں ہوتاتھا۔
مریم اس کے ساتھ مل کر پیکنگ میں مدد کرنے لگی۔ اس کے چلے جانے کے بعد مریم نے یونیفارم تبدیل کیا اور کمرے میں بکھرا ہوا پھیلاوا سمیٹنے لگی۔ تزئین جا چکی تھی اور روبینہ سے یہ توقع رکھنا ہی فضول تھا کہ وہ کمرے کی صفائی وغیرہ جیسے کسی کام کو ہاتھ لگائے گی۔ مریم نے پہلے اپنا بستر درست کیا پھرتزئین کے بستر کی طرف آگئی۔ اس کو ٹھیک کرنے کے بعد روبینہ کا بیڈ کور درست کیا، تکےے کی پوزیشن درست کرتے ہوئے اسے ایک چمکیلی سی چیز نظر آئی۔ روبینہ کو اپنی رسٹ واچ تکےے کے نیچے رکھ کر سونے کی عادت تھی اسی لےے وہ اکثر اوقات اپنی رسٹ واچ لگانا ہی بھول جاتی تھی۔ مریم نے اس رسٹ واچ کو ہاتھ میں تھام لیا۔ اس قدر قیمتی رسٹ واچ کا روبینہ کے پاس ہونا کوئی حیران کن بات نہیں تھی۔ اس کے پاس اب ایسی بہت سی قیمتی اشیائ کا انبار رہنے لگا تھا اس کا حلقۂ احباب بے حد وسیع تھا اور اسے ایسے شاندار گفٹس ملتے ہی رہتے تھے۔
مریم اس رسٹ واچ کو بے حد قیمتی خیال کرتے ہوئے میز پر رکھنے سے ہچکچا رہی تھی۔ اس نے کچھ سوچ کر روبینہ کی الماری کا دروازہ کھول لیا۔ رسٹ واچ رکھتے ہوئے اس کی نگاہ ایک چھوٹے سے پیکٹ پر پڑی۔ وہ اتنی احتیاط سے چھپا کر کپڑوں کی تہ کے نیچے رکھا گیا تھا کہ مریم تجسس کے ہاتھوں مجبور ہو کر خود کو اس پیکٹ کو دیکھنے سے روک نہیں پائی۔ اس پیکٹ کے اندر موجود چیز کو دیکھ کر مریم کو بے حد شاک لگا۔ وہ ’’مخصوص گولیاں‘‘ تھیں جو آدھی استعمال کی جاچکی تھیں۔ ایک غیر شادی شدہ لڑکی کی الماری میں ان کی موجودگی نے مریم کے حواس گم کر دےے تھے۔
’’کیا نوبت یہاں تک آپہنچی ہے؟‘‘ اس نے انتہائی تاسف میں گھر کر خود سے کہا۔ خود تزئین نے روبینہ کی منگنی والے جھوٹ کے بعد اسے بارہا نصیحت کرنے کی کوشش کی مگر روبینہ اس قدر خود سر ہوچکی تھی کہ اب نصیحتیں اس پر اثر نہیں کرتی تھیں۔ مریم اس سے کچھ بھی کہہ کر اپنے ہاتھوں اپنی ذلت کا سامان نہیں کر سکتی تھی۔ اس نے وہ گولیاں دوبارہ اسی جگہ رکھ دیں اور الماری کو پہلے کی طرح بند کر دیا۔
’’روبینہ بُری لڑکی نہیں تھی۔ بدقسمتی سے اس کی دوستی بُری لڑکیوں سے ہوگئی۔ اس کے گھر کے حالات بھی کچھ زیادہ اچھے نہیں تھے۔ وہ سہیلیوں کی چکنی چپڑی باتوں میں آکر ساری حدیں پار کرتی چلی گئی۔‘‘
تزئین کی واپسی پر جب مریم نے اسے اشاروں کنایوں میں یہ سب بتانے کی کوشش کی تو وہ بولی۔ اس کے انداز میں حیرانی کی کوئی رمق نہیں تھی۔
’’تم یہ سب باتیں پہلے سے جانتی تھیں؟‘‘ مریم نے مشکوک لہجے میں پوچھا تو تزئین نظریں چُرا کر اِدھر اُدھر دیکھنے لگی۔
’’ہم روبینہ کو سمجھا سکتے ہیں تزئین!‘‘ مریم نے موہوم سی امید میں گھر کر کہا۔
’’کس کس کو سمجھائو گی اور پھر تمہاری بات سمجھے گا کون؟‘‘ تزئین نے دھیمے لہجے میں کہا۔ مریم ہکّا بکّا اس کی شکل دیکھنے لگی۔
’’کیا تزئین بھی روبینہ کی طرح۔۔۔‘‘ اس سے زیادہ اس کا ذہن کچھ سوچنے کے قابل نہیں تھا۔ تزئین خاموشی سے اپنے بستر پر منہ لپیٹ کر پڑ گئی۔ تزئین کا انداز بہت حوصلہ شکن تھا۔ وہ جب سے گھر سے واپس آئی تھی عجب کشمکش کا شکار تھی ان کے پہلے سال کے امتحان بھی ہونے والے تھے۔ مریم ہر خیال کو ذہن سے جھٹکنے کی کوشش کرتے ہوئے کتابوں میں خود کو گُم کرنے کی سعی کرنے لگی۔
اگلے بہت سے دن امتحانات کی نذر ہوگئے۔ بہترین پرسنٹیج کے ساتھ مریم سیکنڈ ایئر میں پروموٹ کر دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ تزئین، روبینہ، ریٹا، لیزا، ستارہ وغیرہ بھی پروموٹ ہو کر پارٹ ٹو میں آئی تھیں، حالانکہ بہت سی لڑکیاں پڑھائی اور کلاسز کے معاملے میں ریگولر نہیں تھیں اور یہی بات مریم کے لےے اچنبھے کا باعث تھی کہ جن لڑکیوں کے بارے میں قیاس کیا جاتا تھا کہ وہ ڈس کوالیفائی کر دی جائیں گی وہ اتنے اچھے مارجن سے پاس کیسے ہوگئیں۔
سال دوم ابتدا سے ہی مشکل تھا۔ کورس میں جہاں میڈیسن، سرجری اور اخلاقیات کے مضامین کا اضافہ ہوا، وہاں وارڈ شفٹس کا دورانیہ بھی بڑھ گیا تھا، سرخ Sash اور سفید دوپٹے کے ساتھ مریم خود کو پہلے سے زیادہ پر اعتماد اور ذمہ دار محسوس کرتی تھی۔ سیکنڈ ایئر کی کلاسز شروع ہوتے ہی روبینہ نے اپنا روم تبدیل کر لیا تھا، اس لےے مریم نے بھی سکون کا سانس لیا کیونکہ روبینہ کی موجودگی اسے الجھن میں مبتلا کرنے لگی تھی۔ دوسری طرف تزئین بھی پہلے کی نسبت کافی ذمہ دار ہوتی جارہی تھی۔ ہر وقت امیر ہونے کے خواب دیکھنے کے بجائے وہ اب زیادہ تر خاموش رہنے لگی تھی۔
٭٭٭
اس روز اس کی ڈیوٹی ای این ٹی وارڈ میں تھی۔ شدید سردی کی لہر نے پورے شہر کو ناک، کان اور گلے کے امراض میں مبتلا کر دیا تھا۔ جس روز مریم کی شفٹ تھی، اسی روز تھائی لینڈ سے آئے ہوئے جونیئر ڈاکٹرز کی ایک ٹیم نے بھی فری کیمپ لگا رکھا تھا، اس وجہ سے بھی آئوٹ ڈور مریضوں کا تانتا بندھا ہوا تھا۔ مریم کی شفٹ دو سے آٹھ بجے والی تھی۔ لنچ آورز کے بعد ایک چھ سال کے بچے کی ناک کی ہڈی کی میجر سرجری تھی۔یہ اپنی نوعیت کا منفرد سا آپریشن تھا جس میں کل ملا کر چھ جونیئر اور سینئر سرجن اپنی اپنی مہارت کا مظاہرہ کرنے والے تھے۔ مریم اس آپریشن کے بارے میں زیادہ نہیں جانتی تھی کیونکہ اس کی ڈیوٹی او ۔ٹی کی بجائے وارڈ میں تھی۔ مگر اس آپریشن کی وجہ سے ای این ٹی وارڈ کا سارا عملہ ہی متحرک تھا۔ سب لوگ عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ الرٹ نظر آرہے تھے اور مریم بھی ان سب میں شامل تھی۔
لنچ آورز کے بعد چائے کا دور چل رہا تھا وہ ریسیپشن پر شبیر بھائی اور شائستہ کے پاس آگئی۔ ان دونوں سے اس کی کافی اچھی علیک سلیک تھی۔ آیا اماں نے ابھی ان کے سامنے چائے کے کپ رکھے تھے کہ سرجن دائود آتے دکھائی دےے۔
’’سسٹر! ڈاکٹر عادل کا نمبر ملائےے۔‘‘ انہوں نے ثروت کی طرف دیکھ کر بعجلت کہا تھا۔ ثروت ٹیلی فون سیٹ سے چپکی بیٹھی تھی۔
’’ڈاکٹر عادل از ناٹ آن ڈیوٹی سر!‘‘ ثروت نے نمبر ملانے کے بعد بتایا تھا۔
’’ہاں میں جانتا ہوں اس کا آج آف ہے مگر پیشنٹ اس کے کسی دوست کا بیٹا ہے اور میں نے اسے تاکید کی تھی کہ وہ وارڈ کا وزٹ ضرور کر لے وہاں بلڈ بینک میں او نیگیٹو نہیں ہے اور یہاں بچے کی ماں نے واویلا مچا رکھا ہے عادل ہی سنبھال سکتا ہے ان لوگوں کو، آپ پلیز عادل کے سیل کا نمبر ملائےے۔‘‘
سرجن دائود نے اکتا کر کہا۔ وہ اس وارڈ کے جونیئر موسٹ سرجن تھے۔
’’مجھے ایک گلاس پانی دیجےے۔‘‘ سرجن دائود نے مریم سے کہا۔ مریم نے فوراً گلاس میں پانی انڈیل کر انہیں تھما دیا۔
’’ڈاکٹر عادل از ناٹ ریسپانڈنگ سر۔‘‘ ثروت نے مایوسی سے سر ہلاتے ہوئے کہا۔ سرجن دائود کے چہرے پر ناگواری کے تاثرات نمایاں ہونے لگے۔ انہیں ڈاکٹر عادل کی غیر ذمہ داری پر غصہ آرہا تھا۔ مریم ان کے چہرے کی جانب ہی دیکھ رہی تھی۔ وہ کچھ دیر سوچتے رہے۔ پھر ہونٹ بھینچتے ہوئے انہوں نے شہادت کی انگلی سے اپنی کنپٹی کو چھوا، جیسے کسی فیصلے پر پہنچ چکے ہوں۔
’’ڈاکٹر شیریں جبار کا نمبر ملائےے۔‘‘ انہوں نے ایک مشہور گائناکولوجسٹ کا نام لیا۔ ثروت کے پاس موجود انڈیکس میں ان کا نمبر نہیں تھا۔ ڈاکٹر دائود نے اپنی جیب سے اپنا سیل فون نکال کر ثروت کو ڈاکٹر شیریں کا نمبر نوٹ کروایا۔
’’ڈاکٹر شیریں از آن لائن سر!‘‘ ثروت نے فون ملتے ہی ریسیور ان کو دیا۔
’’یس ڈاکٹر! میں سرجن دائود، ایک پرابلم ہے۔‘‘ وہ لمحہ بھر کے لےے دوسری طرف کی بات سننے کے لےے رکے۔
’’میری وائف کا بلڈ او نیگیٹو ہے مگر دو ماہ قبل اس کا مس کیرج ہوا تھا اب وہ بالکل نارمل ہے۔ میں یہ پوچھنا چاہ رہا تھا کہ کیا میری وائف بلڈ ڈونیٹ کر سکتی ہے۔ آپ کی پیشنٹ ہے، اس لےے پوچھ رہا ہوں۔‘‘ سرجن دائود نے ایک بار پھر توقف کیا۔
پھر تھوڑی دیر ڈاکٹر شیریں کی بات سننے کے بعد بولے۔
’’اوکے ڈاکٹر ظاہر ہے، آپ زیادہ بہتر سمجھتی ہیں۔ تھینکس۔‘‘ انہوں نے الجھن بھرے انداز میں فون بند کیا پھر جھنجلاکر بولے۔
’’عورتوںکو کوئی بات سمجھانا دنیا کا مشکل ترین کام ہے۔‘‘
’’سرجن آپ کو O.T میں بلا رہے ہیں۔ صورت حال مزید خراب ہورہی ہے۔‘‘ وارڈ سسٹر ارم نے آکر کہا۔ وہ چند لمحے قبل آپریشن تھیٹر سے نکلی تھی۔
’’ڈاکٹر عادل کا نمبر ابھی بھی رسپانس نہیں کر رہا؟‘‘ انہوں نے ثروت سے استفسار کیا۔ ثروت کا جواب نفی میں تھا۔
’’اوکے۔۔۔ اب مجھے اپنا کام کرنا ہے۔۔۔ آپ میرے گھر کا نمبر ملائےے اور میری وائف سے کہےے آئی وانٹ ٹو سی ہر ان دی ہاسپٹل رائٹ نائو۔‘‘
وہ حکمیہ انداز میں کہتے ہوئے آپریشن تھیٹر کی سمت چل دےے۔ مریم اور ثروت نے ایک دوسرے کی جانب دیکھا۔
’’یار! سرجن دائود کیسے خبطی آدمی ہیں۔ میں ان کی وائف سے مل چکی ہوں۔۔۔ وہ تو خود اتنی ویک ہیں، وہ کیسے بلڈ ڈونیٹ کریں گی۔‘‘ شائستہ اس دوران پہلی مرتبہ بولی۔ مریم کسی بھی رائے کا اظہار کےے بغیر ای این ٹی لیب کی سمت چل دی۔ وہاں سخاوت پہلے سے کسی کا بلڈ گروپ چیک کرنے کی کوشش کر رہا تھا اسی دوران ایک اکیس بائیس سال کا لڑکا کمرے میں داخل ہوا۔ اس کا رنگ گندمی تھا اور اس کے سیاہ سلکی بال کندھوں تک آرہے تھے۔ میلی سی ٹائٹ جینز کے ساتھ وہ سفید اور سیاہ لائننگ والی شرٹ پہنے ہوئے تھا۔ اس کی دائیں کلائی میں لیدر کی موٹی سی بریسلٹ تھی، جبکہ بائیںکلائی میں قیمتی سنہری ڈائل والی رسٹ واچ تھی۔ اس شاندار قد کاٹھ والے لڑکے کی شخصیت کی سب سے مضحکہ خیز چیز اس کے نچلے ہونٹ اور تھوڑی کے عین درمیان میں موجود بالوں کا وہ ننھا سا گچھا تھا جسے داڑھی کہنا داڑھی کی توہین تھی۔
’’ہائے۔۔ میں سمیع مرتضیٰ ہوں۔۔۔ مجھے عادل بھائی نے بھیجا ہے۔‘‘ اس نے مریم کی سمت دیکھتے ہوئے کہا۔
٭٭٭
’’تم میری بات غور سے کیوں نہیں سن رہیں؟‘‘ مریم نے چائے کا خالی مگ گھاس پر رکھتے ہوئے مصنوعی غصے سے سوال کیا۔ تزئین جواب دینے کے بجائے مسلسل گھاس نوچنے میں مصروف رہی۔ فضا میں ٹھیک ٹھاک خنکی تھی مگر تزئین کے اصرار پر وہ چائے پینے کے لےے لان میں آبیٹھی تھی۔ ساڑھے د س کے قریب کا ٹائم تھا مگر گھاس ابھی سے شبنمی ہورہی تھی۔ مریم نے اونی شال اوڑھ رکھی تھی مگر تزئین کاٹن کا سوٹ پہنے، دوپٹے کو ایک کندھے پر ڈالے دنیا جہان سے بے خبر گھاس کے ساتھ کھیل رہی تھی۔
’’تم میری بات سن بھی رہی تھیںیا نہیں۔‘‘ مریم اب کی بار منہ پھلا کر بولی۔ کبھی کبھی اسے تزئین کی اس مست ملنگ حالت پر تشویش ہونے لگتی تھی۔ یہ نہیں تھا کہ وہ دن کے بارہ گھنٹے اسی حالت میںگزارتی تھی مگر کبھی کبھی اچانک اس پر عجیب کیفیت طاری ہوجاتی تھی کہ وہ ارد گرد سے بالکل ہی بے نیاز ہوجاتی، ایسے میں مریم کو اسے اس کی اصل حالت میں واپس لانے کے لےے بہت جتن کرنا پڑتے۔ مریم نے دو ایک بار اس سے پوچھا تھا کہ وہ کیوں پریشان ہے، مگر اس نے ہنس کر بات ٹال دی پھر مریم نے بھی مزید کریدنا مناسب نہیں سمجھا۔
’’اے بی بی! کہاں گم ہو؟‘‘ وہ اس کے جھکے سر پر چپت رسید کرتے ہوئے بولی۔
’’میں یہیں ہوں اور تمہاری ہی بات سن رہی ہوں۔ تم یہ کہہ رہی تھیں کہ۔۔۔‘‘ تزئین کومریم کی بتائی ہوئی بات کا اصل متن یاد کرنے میں کچھ توقف کرنا پڑا۔
’’ہاں، تم یہ کہہ رہی تھیں کہ سرجن دائود بہت اچھے ہیں۔ وہ دراصل انسانی روپ میں فرشتہ ہیں اور تم ان کی جذبۂ ایثار سے بہت متاثر ہوئی ہو۔‘‘
’’جی نہیں۔۔۔ بات فرشتے کی دریافت سے بہت آگے نکل گئی تھی۔ میں تمہیں یہ بتا رہی تھی کہ۔۔۔‘‘
’’مجھے یا دہے مریم! تم یہ بتا رہی تھی کہ تمہارا بھی دل چاہا کہ اگر تمہارا بلڈ گروپ سیم ہوتا تو تم فوراً سے پیشتر بلڈ ڈونیٹ کر دیتیں۔‘‘ تزئین اس کی بات کاٹ کر بولی تومریم کے چہرے پر مسکراہٹ بکھری۔
’’ہاں بالکل۔۔۔ قسم سے میرا اتنا دل چاہ رہا تھا کہ میں بھی اس کارِ خیر میں حصہ لے سکتی۔ سرجن دائود کے جذبۂ ایثار نے مجھے حقیقتاً بہت متاثر کیا۔‘‘ مریم کے ذہن میں پھر سے ساری کارروائی متحرک ہوئی تھی۔ وہ عام طور سے اتنی تفصیل سے بات کرنے کی عادی نہیں تھی مگر آج اس کا دل چاہ رہا تھا کہ وہ تمام تر جزئیات کے ساتھ تزئین کو ہر بات بتائے۔
’’تم سچ مچ پاگل ہو مریم!‘‘ تزئین اس کے چہرے کی طرف دیکھ کر بولی پھر اس کی خاموشی سے فائدہ اٹھا کر مزید گویا ہوئی۔
’’اس فیلڈ میں جذباتی ہو کر کام کرنے کاکوئی فائدہ نہیں۔ یہاں ہر روز سینکڑں ایسے مریض آتے ہیں جنہیں خون کی ضرورت ہوتی ہے تو کیا سب ڈاکٹرز اپنا خون دینا شروع کر دیں یا پھر پیرا میڈیکل اسٹاف اس جہاد میں حصہ لینے لگے۔ میرا ذاتی۔۔۔‘‘
’’تم خاموش رہو تو بہترہے اور جس چیز کو تم جذباتیت کہہ رہی ہو نا اس چیز کو میری زبان میں انسانی ہمدردی کہتے ہیں۔‘‘
مریم اس کی بات کاٹ کر بولی۔ تزئین مسکرادی پھر شرارتی انداز میں اسے دیکھ کر بولی۔
’’تم سرجن دائود سے زیادہ ہی امپریس نہیں ہوتی جارہیں۔ ان کے خلاف کہی گئی کوئی بھی بات تمہیں اتنی بری لگتی ہے کہ تمہار چہرہ ہی لٹک جاتا ہے۔ خیر تو ہے؟‘‘
’’تزئین کی بچی! ڈوب مرو تم۔۔۔ وہ اتنے بڑے ہیں مجھ سے او رپھر میرڈ بھی ہیں۔ میں ان کی بہت عزت کرتی ہوں۔‘‘
مریم اس کی پشت پر دھپ رسید کرتے ہوئے بولی۔
’’اس کامطلب یہ ہوا کہ اگر کوئی بُرا آدمی بھی بلڈ ڈونیٹ کرے تو تم اس کی بھی عزت کرنے لگو گی اور عزت کروانے کے لےے ضروری ہے کہ انسان خون دینے کا حوصلہ رکھتا ہو۔‘‘
تزئین ابھی بھی تنگ کرنے کے موڈ میں تھی مگر اب کی با رمریم مسکرادی۔
’’مجھے ان سب باتوںکا نہیں پتا مگر مجھے ایسے لوگ اچھے لگتے ہیں جو انسانی ہمدردی کے تحت ہی سہی ایثار کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ سمیع مرتضیٰ کی ہی مثال لے لو۔ میں عام حالات میں اس لڑکے کو دیکھتی تو وہ مجھے بالکل بھی اچھا نہیں لگتا، مگر اس کا یہ عمل مجھے اتنا متاثر لگا کہ وہ لڑکا میری نظر میںخود بخود اچھا ہوگیا۔‘‘
مریم مسکراتے ہوئے کہنے لگی۔ تزئین کو ساری گفتگو میں شاید پہلی بار دلچسپی محسوس ہوئی۔
’’اچھا۔۔۔ انٹرسٹنگ۔۔۔ بائی دا وے سمیع مرتضیٰ میں ایسی کیا برائی تھی ہو تمہیں عام حالات میں اچھا نہ لگتا؟‘‘ تزئین متجسس ہوئی۔
’’استغفراللہ۔۔۔ میں نے یہ نہیں کہا کہ اس لڑکے میںکوئی برائی تھی۔۔۔ بس مجھے اس طرح کے لڑکے اچھے نہیں لگتے۔ اس لڑکے کا قد کاٹھ تو اچھا تھا۔ رنگ انتہائی گورا۔ کندھوں تک آتے سلکی بال اور سب سے دلچسپ چیز اس کی ٹھوڑی پر موجود داڑھی جیسی کوئی چیز تھی۔ ایسے لگ رہا تھا کہ جیسے کسی نے پینسل سے دائرہ بنا دیا ہے۔ پہلے میں سمجھی کہ کسی پرائیویٹ روم کا وزیٹر ہے مگر جب اس نے بتایا کہ وہ بلڈ ڈونیشن کے لےے آیا ہے تو مجھے بہت ہی حیرانی ہوئی۔‘‘
مریم نے لمحہ بھر کا توقف کیا پھر تزئین کی رائے کا انتظار کےے بغیر بولی۔
’’ایک مزے کی بات بتائوں اس کے ہاتھ بالکل لڑکیوں جیسے تھے۔ لمبے اور نازک سے جب میں نے اس کے ہاتھ پر ڈرپ پن وغیرہ سیٹ کی تب ہی دیکھا تھا۔ اس نے انگلیوں میں سنہری اور سیاہ رنگز پہن رکھے تھے۔ کلائی میں بریسلٹ بھی تھا۔‘‘
مریم بات کرتے کرتے ذرا کی ذرا رکی۔ تحیر سے تزئین کی جانب دیکھا جو ٹکٹکی باندھے مسکراتے ہوئے اسے ہی دیکھ رہی تھی۔
’’تم مجھے گُھور کیوں رہی ہو؟‘‘ اس نے آنکھیں سکیڑ کر سوال کیا۔
تزئین ایک بار پھر مسکرائی۔
’’میں تمہیں گُھور نہیں رہی، بلکہ بغور تمہاری باتیں سن رہی ہوں۔ تم نے پہلے تو کبھی کسی لڑکے کے بارے میں اتنی تفصیل سے بات نہیں کی۔‘‘
وہ ملائمت سے ہنستے ہوئے بولی۔
’’لڑکا؟ وہ بالکل بھی لڑکا نہیں تھا۔ یقین کرو اگر اس کے چہرے پر ٹھوڑی کے اوپر داڑھی کے بقایا جات موجود نہ ہوتے تو میں اسے ’’مسٹر سمیع‘‘ کے بجائے ’’مس سمیع‘‘ کہہ کر مخاطب کرتی۔‘‘
مریم کے اس طرح کہنے پر تزئین خوب ہنسی۔
’’تم نے اس لڑکے کا فون نمبر لیا؟‘‘ وہ ہنستے ہوئے پوچھنے لگی۔
’’ارے۔۔۔ میں کیوں لیتی اس کا فون نمبر۔‘‘ مریم نے اسے گھورا۔
’’یار! میرے لےے لے لیتیں۔ میرا کوئی چانس بن جاتا۔‘‘ وہ مصنوعی ٹھنڈی سانس بھرتے ہوئے بولی۔ مریم نے اسے ایک اور دھپ رسید کی۔ تزئین کو اس طرح کیا اوٹ پٹانگ باتیں کرنے کا بہت شوق تھا۔
’’اب دوبارہ کہاں ملے گا ایسا اسٹائلش لڑکا! جائو مریم تم تو بالکل بھی کام کی لڑکی نہیں ہو۔‘‘
وہ مسلسل بول رہی تھی۔
’’ڈاکٹر عادل رحیم کے ریفرنس سے آیا تھا۔ تم ان سے اس لڑکے کا کونٹیکٹ نمبر لے لینا۔‘‘
مریم نے تجویز دی۔
’’آہاں۔۔۔ پھر تو کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے یار! ان سے تو میں خود ہی لے لوں گی۔‘‘
تزئین مصنوعی سنجیدگی سے کہہ رہی تھی، مگر اس کی آنکھوں میں عجیب سی چمک تھی۔ مریم ابھی مزید کچھ کہنے ہی والی تھی کہ اسے پیون اپنی سمت آتا دکھائی دیا۔
’’تزئین باجی! تہاڈا فون اے۔‘‘ (تزئین باجی! آپ کا فون ہے) اس نے قریب آکر اطلاع دی تھی۔
’’کس کا ہے؟‘‘ تزئین نے اطمینان سے پوچھا۔
’’گوجرانوالہ توں تہاڈی ماں جی دا۔‘‘ (توجرانوانوالہ سے آپ کی امی کا)
’’انہیں کہہ دو میں ہاسٹل میں نہیں ہوں۔ میری نائٹ شفٹ ہے آج۔‘‘ تزئین نے سابقہ پرسکون انداز میں کہا۔ پیون کو شاید ایسے احکامات آگے پہنچانے کی بہت پریکٹس تھی،اس لےے وہ خاموشی سے واپس چل دیا جبکہ مریم نے حیرت سے اس کی جانب دیکھا۔
’’ابھی کوئی سوال مت پوچھنا مریم! میں تمہیں اپنے روےّے کی وجہ بتادوں گی۔‘‘ وہ سر جھکائے ہوئے کہہ رہی تھی۔ مریم خاموش کی خاموش رہ گئی۔
٭٭٭
’’اپنے ہاتھ کو سیدھا کرلیں اور انگلیوں کو پھیلالیں۔۔۔ شاباش۔۔۔ شاباش درد بالکل بھی نہیں ہوتا۔‘‘
کسی نے نرم لہجے میں بہت محبت سے اس کی آس پاس سرگوشی کی تھی۔ اس نے گہری سانس بھر کر اپنا بایاں ہاتھ نظروں کے سامنے کیا جس کی پشت پر بینڈیج ہوئی تھی۔ وہ عجیب سی نظروں سے اپنے ہاتھ کی پشت کو تک رہا تھا، پھر دھیرے دھیرے وہ اپنے دائیں ہاتھ کی انگلیوں کو بائیں ہاتھ کی انگلیوں اور پشت پر پھیرنے لگا۔ کمرے کے نیم تاریک مگر گرم سے ماحول میں بستر پر چت لیٹا وہ اپنے آپ کو ایک غیر مرئی طاقت کے زیرِ اثر محسوس کررہا تھا، ایک میٹھا سا لمس ابھی بھی اس کے ہاتھ کی پشت پر تھا۔
سفید دوپٹے کے ہالے میں چھپا وہ چاند چہرہ، چھیڑ چھاڑ کرتی برائون زلفیں پھر اس کا وہ اتنا اپنائیت بھرا انداز، نہایت نفاست اور محبت سے ڈرپ پن سیٹ کرنا، اسے ننھا سا بچہ سمجھتے ہوئے محبت بھری تلقین کرنا۔ سمیع تب سے اب تک کچھ بھی بھلا نہیں پارہا تھا، حالانکہ ہاسپٹل سے واپس آئے ہوئے اسے کئی گھنٹے ہوچلے تھے۔
وہ روٹین کے مطابق پاپا سے ملنے آیا تھا۔ پاپا اپنے کیبن میں موجود نہیں تھے۔ وہ اپنی پرسنل ڈائری پاپا کی میز پر رکھ کر عادل بھائی سے ملنے چلا آیا۔ عادل بھائی اس کے پاپا کے کولیگ تھے اور اس سے بہت محبت سے ملتے تھے، حالانکہ پاپا نے اسے منع کیا تھا کہ وہ ان سے زیادہ نہ ملا کرے۔ پاپا عادل بھائی کو زیادہ پسند نہیں کرتے تھے، مگر پھر بھی وہ ان کی نصیحت کو نظر انداز کرتے ہوئے اکثر و بیشتر عادل بھائی سے مل لیتا تھا۔ وہ اس کی ممی کے کزن بھی تھے اور سڈنی نہ جانے والے معاملے میں اور پھر بعد میں اپنے پسندیدہ سبجیکٹ کے ساتھ او لیول کرنے کے سلسلے میں انہوں نے ہی اس کی ممی کو کنوینس کیا تھا۔ عادل بھائی اپنے کیبن میں کافی پریشان بیٹھے تھے۔
’’یار! او نیگیٹو کی ضرورت ہے۔۔۔ بلڈ بینک میں بھی نہیں ہے۔ کیا کروں موبائل بھی آف کر کے گھر بھول آیا ہوں۔ پریشانی ہورہی ہے۔ دائود سے وعدہ کیا تھا کہ میں ارینج کر دوں گا۔ وہ بندہ آیا ہی نہیں یار۔۔۔ حد ہے غیر ذمہ داری کی۔‘‘
وہ مسلسل فون ملانے، جھنجلانے اور اس سے بات کرنے میں مصروف تھے۔
’’عادل بھائی! میرا گروپ او نیگیٹو ہے۔‘‘ اس نے اپنی طرف سے ان کی الجھن دور کرنے کے لےے خوش خبری دینے والے انداز میں کہا تھا، مگر وہ مزید جھنجلا گئے۔
’’ارے یار! کیوں سرجن مرتضیٰ سے ڈانٹ پڑوانا چاہتے ہو مجھے۔ میں تو ویسے بھی ان کی گڈ بکس میںنہیں ہوں۔‘‘
’’ایسا کچھ بھی نہیں ہوگا عادل بھائی۔‘‘ وہ ان کے انداز پر مسکرا کر بولا۔ ان کے بتائے ہوئے وارڈ کی سمت آگیا اور اسی وارڈ میں اسے وہ پری وش نظر آئی جو مکمل طور پر اس کے حواسوں پر سوار تھی۔
اس کی عمر ابھی بمشکل انیس سال تھی مگر اپنے اونچے قد کے باعث وہ عمر سے کچھ بڑا دکھائی دیتا تھا، لیکن اس کے باوجود وہ دھان پان سی حسینہ اسے ایسے ٹریٹ کر رہی تھی جیسے وہ کوئی پانچ سالہ بچہ ہو۔
’’ان کا نام کیا ہے؟‘‘ اس نے اس لڑکی کے روم سے چلے جانے کے بعد پوچھا۔
’’سسٹر مریم!‘‘ وہ ادھیڑ عمر کمپائونڈر ناک چڑھا کر بولا۔
دل ہی دل میں وہ خود بھی لفظ ’’سسٹر‘‘ پر چڑ سا گیا۔
’’کسی نرس سے محبت کرنے میں یہ سب سے نقصان والی بات ہے۔‘‘
دوبارہ سے یہی بات یاد آنے پر وہ اونچی آواز میں بڑبڑایا۔
تھوڑی دیر بعد وہ ایکسر سائز کر رہا تھا۔ کیبل کلچر سے بہت بری طرح متاثر سمیع مرتضیٰ پہلی نظر کی محبت کا شکار ہوچکا تھا۔
٭٭٭
’’میں کوئی منفرد اور مختلف سی چیز خریدنا چاہتی ہوں۔‘‘
تزئین نے بلا مبالغہ پانچویں مرتبہ یہی ایک جملہ دہرایا تھا۔ مریم نے اکتا کر اس کی جانب دیکھا، مگر وہ اثر لےے بغیر ایک جانب ترتیب سے ہینگ کی ہوئی شرٹس دیکھنے لگی۔
’’وہ والی شرٹ دکھائےے۔‘‘ اِدھر اُدھر نظر دوڑاتے شاید اسے کوئی شرٹ پسند آہی گئی تھی۔ سیلزمین نے پھرتی سے شرٹ نکال کر س کے سامنے رکھ دی۔
’’مریم! یہ کیسی ہے۔ سانولے رنگ پر سوٹ کرے گی یا نہیں۔‘‘
وہ شرٹ کو الٹ پلٹ کرتے ہوئے مریم سے رائے لے رہی تھی۔ مریم کو شرٹ تو پسند آئی تھی مگر تزئین کے سوال کا جواب نہیں تھا اس کے پاس۔ اس نے کبھی اس طرح خریداری نہیں کی تھی۔ وہ گورے اور سانولے کی تخصیص کےے بغیر خریداری کرنے کی عادی تھی۔ ویسے بھی وہ جانتی تھی کہ اس کے مشورے کا تزئین پر کوئی اثر نہیں ہونے والا۔ گزشتہ ڈیڑھ گھنٹے سے وہ لبرٹی مارکیٹ کے مختلف شاپنگ سینٹرز میں گھوم رہی تھی مگر تزئین کو کوئی چیز ہی پسند نہیں آرہی تھی۔ پہلے انہوں نے پرفیومز دیکھے تھے، پر رسٹ واچ، اس کے بعد کتابوں کی باری آئی مگر کوئی ’’منفرد‘‘ اور مختلف چیز ابھی بھی نہیں ملی تھی۔
’’اس کی پرائس کیا ہے؟‘‘ تزئین نے شرٹ کو فائنل کرلیا تھا۔
’’ریزن ایبل پرائس ہے میم! آپ نے ایک زبردست پیس پسند کیا ہے۔ کوالٹی میں شاندار اور قیمت میں بے حد کم۔ میں پیک کروادیتا ہوں۔‘‘ وہ قیمت بتائے بغیر شرٹ کو پیکنگ سیکشن میں پارسل کرنے لگا۔
’’پہلے قیمت تو بتادیجےے؟‘‘ تزئین نے سیلزمین کے خوشامدانہ روےّے کو قطعی نظر انداز کرتے ہوئے کہا۔
’’اونلی نائن ہنڈرڈ میم۔‘‘ وہ دانتوں کی نمائش کرتے ہوئے بولا جبکہ تزئین کو چند لمحوں کے لےے چپ لگ گئی۔
’’ارے یہ بہت سستی ہے۔ کوئی مہنگی چیز دکھائےے جناب۔‘‘
تزئین نے منہ بنا کر کہا، بلا شبہ قیمت سن کر اسے مایوسی ہوئی تھی۔ شرٹ اسے پسند آئی تھی مگر آئوٹ آف بجٹ تھی۔پہلے اسے پرفیوم پسند آیا تھا۔ اور اس کی قیمت اس شرٹ سے بھی زیادہ تھی۔ وہ پہلے ہی غصے میں بھری ہوئی تھی شرٹ کی قیمت سن کر مزید غصے میں آگئی۔
’’اس شرٹ کی خوبی کیا ہے بائی دا وے۔۔۔ اس کو پہن کر انسان ٹام کروز لگنے لگتا ہے؟‘‘
وہ تنک کر بولی مگر سیلز مین نے اس کے لہجے کی سختی کا برا مانے بغیر ایک اور شرٹ اس کے سامنے رکھی۔
’’آپ۔ یہ دیکھ لیجےے یہ اس سیزن کا موسٹ فیورٹ کلر ہے۔ اونلی ایٹ ہنڈرڈ روپیز۔‘‘
مگر وہ دونوں شرٹس تزئین کی جیب کے لےے ناقابل برداشت تھیں۔ وہ مایوسی سے ’’تھینک یو‘‘ کہہ کر اپنی ہی دھن میں مڑی اور پیچھے آنے والی لڑکی سے ٹکراگئی۔
’’آئی ایم سوری۔‘‘ اس لڑکی نے کندھا سہلاتے ہوئے معذرت کی۔ حالانکہ غلطی اس کی نہیں تھی۔ مریم نے بھی اس صورت حال سے اکتا کر لڑکی کی جانب دیکھا اور چونک سی گئی۔ وہ لڑکی بھی شاید مریم کو پہچاننے کی کوشش کر رہی تھی۔
’’تم۔۔۔تم۔۔۔ ہم پہلے بھی مل چکے ہیں نا۔ آئی تھنک ہم پی سی میں ملے تھے بسنت ایوننگ پر؟‘‘
وہ لڑکی ذہن پر زور دیتے ہوئے کچھ یاد کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہنے لگی۔
’’کیسا عجیب اتفاق ہے۔ میں نے سوچا تھا ہم دوبارہ کبھی نہیں ملیں گے۔‘‘ اس کی بات پر مریم کے چہرے پر مسکراہٹ بکھر گئی۔
’’تمہارے گروپ کا عاطف لوگوں سے جھگڑا ہوگیا تھا نا۔ ان لوگوں کی تو بعد میں خوب بے عزتی ہوئی تھی اور پھر۔۔۔‘‘
’’ ہم پی سی میں نہیں ملے تھے۔ ہم کوچ میں ملے تھے، ایک بار۔‘‘ مریم نے منمنا کر کہا۔ اس کا سارا زور ’’ایک بار‘‘ پر تھا۔ ماہین عرف ماہی کا اس قدر بے تکلف انداز اسے پہلی ملاقات میں بھی ہضم نہیں ہوا تھا اور اب بھی نہیں ہورہا تھا۔
’’او۔ یس۔۔۔۔ گڈ گاڈ۔۔۔ مائی پور میموری۔۔۔ یہ میرا بچپن کا پرابلم ہے شکل اور نام تو یاد رہ جاتی ہیں مگر واقعات بھول جاتی ہوں۔‘‘
وہ مسکراتے ہوئے بولی۔ تزئین بھی حیرت سے اسی کی جانب دیکھ رہی تھی ۔اتنی طرحدار اور ماڈرن لڑکی اس نے مریم کے حلقۂ احباب میں ابھی تک نہیں دیکھی تھی۔
’’یہ کون ہے؟ تمہاری فرینڈ؟ تم لوگ شاپنگ کر رہے ہو؟ اس شاپ سے کیا لینا ہے؟ یہاں تو خالصتاً جینٹس کلیکشن ہوتی ہے اچھا اچھا۔ اب سمجھی کسی فرینڈ کے لےے کچھ لینا ہوگا۔‘‘
ماہین کا وہی انداز تھا۔ زیادہ بولنا اور کم سننا۔
’’یہ تزئین ہے میری دوست۔ اس کو اپنے بہنوئی کے لےے گفٹ خریدنا تھا اسی لےے۔‘‘
اس کے خاموش ہونے پر مریم جلدی سے بولی مبادا وہ پھر سے بولنا شروع ہوجائے۔ اس کی بات سن کر ماہین نے ساری توجہ تزئین کی طرف کرلی۔
’’ارے یار! یہ بھائی اور بہنوئی سب ایک سے ہوتے ہیں نخریلے اور مغرور ان کو گفٹ مشکل سے ہی پسند آتے ہیں۔ بائی دا وے کیا خریدا تم لوگوں نے کچھ پسند آیا یا نہیں؟‘‘
اس کا انداز بالکل بچپن کی سہیلیوں والا تھا۔ تزئین کی آنکھوں میں بھی تحیر تھا۔
’’مے آئی ہیلپ یو اس طرف بہت اچھے کرسٹل پیسز ہوتے ہیں، اس طرف چلتے ہیں۔‘‘
وہ خود ہی سوال کر کے خود ہی جواب دینے کے بعد آگے کی سمت بڑھی۔ مریم اور تزئین نے ایک دوسرے کی آنکھوں ہی آنکھوں میں دیکھا پھر اس کے پیچھے پیچھے چل پڑیں۔ شاپنگ سینٹر کے بیسمنٹ میں اتر کر آگے کی جانب چلتے ہوئے ماہین اس سے شکوہ کرنے لگی۔
’’تم نے مجھ سے کانٹیکٹ ہی نہیں کیا۔ میں نے تمہیں اپنا سیل نمبر دیا تھا نا۔ اور تزئین تم کیا کرتی ہومریم کی طرح ابھی پڑھ رہی ہو یا جاب کرتی ہو میری طرح؟‘‘
ایک جگہ پر رکتے ہوئے اس نے سوال کیا۔
’’یہ میری کلاس فیلو ہے۔‘‘‘ جواب ایک بار پھر مریم نے دیا۔ وہ تینوں اب گلاس شو کیس میںسجے کرسٹل کے ڈیکوریشن پیسز دیکھ رہی تھیں اس سیکشن میں حقیقتاً ایک سے ایک زبردست چیز موجود تھی۔ وہ مختلف چیزوں کو دیکھتی و سراہتی آگے بڑھتی رہیں، مگر کچھ خریدنے کی ہمت تزئین میں نہیں تھی۔ ہر چھوٹی سے چھوٹی چیز کے ساتھ بھی اس کا بڑی سی رقم والا پرائس ٹیگ چسپاں تھا، جبکہ ماہین ہر چیز خریدنے پر اصرار کر رہی تھی۔
’’یہ باربی ڈول دیکھو، کس قدرکیوٹ ہے۔‘‘ اس نے کرسٹل کی ایک نازک سی گڑیا کی طرف اشارہ کیا۔ اس گڑیا کا ہر نقش اور ہر عضو نہایت مہارت کے ساتھ تخلیق کیا گیا تھا، مگر اس گڑیا کے ساتھ لگا پرائس ٹیگ ان دونوں کے لےے ناقابل برداشت تھا۔
’’میں نے ثوبان کی برتھ ڈے پر یہیں سے گفٹ پسند کر کے دیا۔ آئی ایم شیور تمہارے بہنوئی کو یہ چیز بہت پسند آئے گی۔ ایکسکیوزمی اسے پیک کر دیجےے۔‘‘
اس نے سیلزمین کو اشارہ کرتے ہوئے کہا، جبکہ تزئین نانا کرتی رہ گئی۔
’’کیوں پسند نہیں آیا؟ یار۔۔۔ میرا مشورہ مانو تو لے لو بہت کیوٹ چیز ہے۔‘‘
وہ لاپروائی سے بول رہی تھی۔ اسے کیا پتا تھا کہ تزئین کی ہچکچاہٹ کا اصل محرک کیا ہے۔
’’نہیں یہ بات نہیں ہے پسند تو آیا ہے عادل کو بھی بہت پسند آئے گا۔ مگر دراصل۔۔۔‘‘
تزئین کہتے کہتے پھر خاموش ہوگئی، جبکہ مریم حیرت سے اس کی شکل دیکھنے لگی اتنی دیر سے اس کے ساتھ بازارمیں گھومتے ہوئے اندازہ ہی نہیں ہوسکا تھا کہ وہ اتنی دلجمعی سے کس کے لےے گفٹ خریدنا چاہ رہی ہے۔ ہاسٹل سے نکلنے سے پہلے اس نے مریم سے صرف یہ کہا تھا کہ وہ اپنے بہنوئی کے لےے کوئی گفٹ خریدنا چاہ رہی ہے۔ مریم کو حیرت تو ہوئی تھی کہ جس بہنوئی کو وہ ہمہ وقت ’’گنجا بھالو‘‘ اور ’’بدصورت دیو‘‘ کے نام سے پکارتی رہتی ہے آخر وہ اس قدر توجہ کا مرکز کیسے ہوگیا۔ اسے دکھ تو بہت ہوا مگر کچھ کہنے کی بجائے وہ ان دونوں کے ساتھ ساتھ چلتی رہی۔ پے منٹ کا مرحلہ کیسے طے ہوا اسے کچھ نہیں پتا تھا بس اس نے تزئین کو بیگ سے اپنی ساری جمع پونجی نکال کر گنتے ہوئے دیکھا تھا۔ شاپنگ سینٹر سے نکل کر وہ ماہین کے ساتھ ایک ریسٹورنٹ میں آگئیں۔ ماہین یا تو حقیقتاً بہت دوستانہ مزاج کی مالک تھی یا پھر آج وہ گھر سے بور ہو کر نکلی ہوئی تھی اسی لےے ان کے ساتھ اتنی فراغت سے وقت گزار رہی تھی۔ یہ عقدہ بھی بہرحال تھوڑی دیر بعد کُھل ہی گیا۔
’’میں نے اپنا موبائل آف کیا ہوا ہے۔ یار! محسن نے آج کل میری بہت جان کھائی ہوئی ہے۔ اسے شاید کسی عامل بابا نے کہہ دیا ہے کہ میں اس سے محبت کرتی ہوں تب ہی جب ملتا ہے، ایک ہی بات کہتا ہے ثوبان سے قطع تعلق کرلو۔ یار! بھلا میں کیوں ایسا کروں؟ ثوبان میری پہلی اور آخری محبت ہے اور پھر اتنا ویل آف لڑکا،میں پھٹیچر محسن کی وجہ سے تو نہیں چھوڑ سکتی نا۔ بس میں اسی سے چھپ کر گھر سے نکلی تھی وہ ڈرائنگ روم میں آیا بیٹھا تھا میں پچھلے دروازے سے نکل کر آگئی۔ موبائل بھی اسی لےے گھر پہ چھوڑ دیا کہ مجھے کانٹیکٹ نہ کر سکے۔‘‘
وہ نہایت اطمینان سے تفصیل بتا رہی تھی۔ تزئین اور مریم خاموش بیٹھی رہیں۔
’’میں تم لوگوں کو ڈراپ کر دیتی ہوں۔‘ ‘ چائے پی کر اس نے ان دونوں کو آفر کی۔ شام نے رات کا لبادہ اوڑھ لیا تھا۔ وہ دونوں بھی لوکل وین سے جانا نہیں چاہتی تھیں اور آٹو رکشا پہ کافی پیسے خرچ ہوجاتے اسی لےے ماہین کی آفر قبول کرلی گئی۔ مریم پیچھے بیٹھ گئی جبکہ تزئین نے اس کے ساتھ فرنٹ سیٹ سنبھال لی۔ سفر کے دوران ہی فون نمبرز کا تبادلہ ہوا۔ ماہین نے اپنے گھر کا فون نمبر اور موبائل نمبر بھی دیا۔ جبکہ تزئین نے چند دن پہلے ہی موبائل خریدا تھا اس نے بھی اپنا نمبر ماہین کو دیا۔ اسے مریم کی طرح تزئین سے کوئی کوفت نہیں ہوئی تھی، بلکہ اسے وہ لڑکی کافی ملنسار اور خوش اخلاق لگی تھی۔
’’تم دونوں یہاں رہتی ہو؟‘‘ ان کی منزل پر پہنچ کر ماہین نے کسی قدر تحیر سے پوچھا حالانکہ وہ تزئین سے پوچھ کر ہی یہاں تک آئی تھی۔ مریم نے اس کے سوال پر ناک چڑھا کر اس کی جانب دیکھا۔ پہلی ملاقات میں اس نے واضح طور پر اسے بتایا تھا کہ وہ ہاسٹل میں رہتی ہے۔
’’ہاں۔۔۔ ہم یہیں رہتے ہیں۔ تمہیں اتنی حیرت کیوں ہورہی ہے؟‘‘ تزئین نے دروازہ کھولنے سے پہلے مسکراتے ہوئے اس سے پوچھا۔
’’نہیں حیرت نہیں ہورہی، ان فیکٹ میرے فادر اسی ہاسپٹل کے ایمپلائی ہیں۔ وہ آرتھوپیڈک سرجن ہیں۔ سرجن مرتضیٰ احسن کا نام تو سنا ہوگا؟‘‘
وہ بہت سنجیدہ اور عجب لا تعلقی والے انداز میں کہہ رہی تھی جبکہ مریم اور تزئین نے حیرت سے اسے دیکھا۔ بلا شبہ وہ دونوں چونکی تھیں۔
’’ڈاکٹر عادل تمہارے ماموں ہیں؟‘‘ تزئین نے پوچھا۔ وہ متجسس نظر آرہی تھی۔ ماہین نے اثبات میں سر ہلایا اور پھر انہیں ہاتھ ہلا کر گاڑی آگے بڑھالے گئی۔ تزئین نے مریم کی جانب دیکھا۔ وہ شاید اس نئی اطلاع پر تبصرہ کرنا چاہ رہی تھی مگر مریم کے چہرے پر پھیلی سنجیدگی دیکھ کر اس نے خاموش رہنا ہی مناسب سمجھا۔
٭٭٭
’’سرجن مرتضیٰ آپ کو اپنے کمرے میں بلا رہے ہیں۔‘‘ وہ آڈیٹوریم سے نکل کر کوریڈور کی سمت جارہی تھی جب وارڈ بوائے نے اسے پیغام دیا۔ اس کی آج سارے دن میں کوئی شفٹ نہیں تھی اس لےے اسے اس کال پر حیرت کے ساتھ ساتھ تشویش بھی ہوئی۔ وہ گزشتہ ایک ہفتے کی تمام شفٹس کو ذہن میں دہراتی اور قیاس آرائیاں کرتی سرجن مرتضیٰ کے کمرے کی سمت چل دی۔ اس نے کس مریض کو کس طرح ڈیل کیا تھا اور اس نے کیا غلطیاں کی تھیں۔ یاد کرنے پر بھی اسے کوئی قابل گرفت بات یاد نہیں آئی۔ وہ دل ہی دل میں دعا کرتی سرجن مرتضیٰ کے کمرے میں داخل ہوئی۔
’’یس سرجن! آپ نے مجھے بلایا تھا۔‘‘ اس کے انداز میں عجلت اور تشویش نے سرجن مرتضیٰ کو مسکرانے پر مجبور کر دیا۔
’’آئو بیٹھو مریم! جلدی میں ہو کیا؟ مجھے تم سے تفصیلی بات کرنی ہے۔‘‘ وہ اپنا سنہری چشمہ آنکھوں سے اتارتے ہوئے بولے۔ مریم ابھی شش و پنج میں تھی کہ سرجن مرتضیٰ پھر بولے۔
’’تم اگر جلدی میں ہو تو میں پھر بات کرلوں گا۔ آج میں سارا دن وارڈ میں ہوں۔ ٹیکساس سے جو ڈاکٹرز کی ٹیم آئی ہے جس نے فری ڈائیبیٹک کیمپ لگایاہوا ہے میں ان کی میزبانی کر رہا ہوں۔ اگر تم ابھی مصروف ہو تو گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ بعد آجانا۔‘‘
’’نہیں سرجن۔۔۔! اٹس اوکے۔۔ ۔ آپ ابھی بات کر لیجےے۔‘‘ ان کے لہجے نے اسے کسی قدر مطمئن کردیا۔
’’اچھا۔۔۔ تم بیٹھو تو سہی۔‘‘ انہوں نے کرسی کی سمت اشارہ کیا۔ وہ خاموشی سے بیٹھ کر ان کی جانب دیکھنے لگی۔ لائٹ گرین شرٹ ان کے سراپے کو بے حد وقار بخش رہی تھی۔ انہوں نے اپنے سامنے پڑے کاغذات کو ترتیب سے رکھ کر چشمہ دوبارہ سے آنکھوں پر ٹکا لیا۔ ان کی کنپٹیوں پر چند ایک سفید بال نمودار ہورہے تھے اور ان کے وقار میں مزید اضافہ کر رہے تھے۔
’’دراصل بات یہ ہے کہ میرے ایک دوست کا بیٹا ایک ایکسیڈنٹ میں کافی زخمی ہوگیا ہے۔ کافی فریکچر تھے۔ یہیں کسی ایک روم میں کچھ دن ایڈمٹ رہا تھا۔ میرا خیال ہے تمہاری بھی ایک دن ڈیوٹی رہی تھی اس روم میں، آج کل وہ بیڈ ریسٹ لے رہا ہے۔ اسے ایک میڈیکل کیئر ٹیکر کی ضرورت ہے۔‘‘
وہ رک رک کر بات کر رہے تھے اور ساتھ ہی ساتھ مریم کے چہرے کے تاثرات کاجائزہ بھی لے رہے تھے۔ مریم یقینا ان کی نامکمل بات کا کوئی رخ سمجھ نہیں پائی تھی۔
’’دراصل میرا وہ دوست ایک معروف اور مصروف سیاسی رکن ہے۔ اس کی بیوی بھی ایک سماجی کارکن کی حیثیت سے جانی پہچانی جاتی ہے۔ دونوں میاں بیوی زیادہ وقت گھر سے باہر ہوتے ہیں اور بچے کی مناسب دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ ان لوگوں نے مجھ سے ریکویسٹ کی ہے کہ میں ایک نرس کا بندوبست کردوں۔‘‘
انہوں نے پھر توقف کیا اور اب کی بار مریم نے اس توقف کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔
’’آپ یہ سب مجھے کیوں بتا رہے ہیں سرجن؟‘‘
’’ان فیکٹ میں تمہیں جاب آفر کر رہا ہوں۔ رات نو سے صبح نو تک کی ڈیوٹی ہوگی۔ تمہیں کوئی مشکل نہیں ہوگی۔ میرے بھروسے کے لوگ ہیں تمہیں کافی ہینڈسم سیلری پیکج ملے گا اور اجازت تمہیں میں دلوادوں گا۔‘‘ انہوں نے اب کی بار کافی وضاحت سے بات کی تھی مگر مریم کو ان کی بات پسند نہیں آئی۔
’’میںپیسے کی خاطر اس فیلڈ میں نہیں آئی سرجن۔‘‘ وہ لہجے کو بمشکل نارمل رکھتے ہوئے بولی۔
’’نہیں، نہیں میرا یہ مطلب نہیں ہے۔ میں جانتا ہوں تم ایک اچھی روشن خیال فیملی سے تعلق رکھتی ہو۔ پیسہ تمہارا مسئلہ نہیں اسی لےے میں تمہیں یہ ذمہ داری سونپنا چاہ رہا تھا۔ تم بہت ڈیوٹی فل ہو اور تم یہ ذمہ داری بخوبی نبھا سکتی ہو۔‘‘
مریم کو نہ جانے کیوں ان کے لہجے میں عجیب سا اسرار محسوس ہوا۔
’’سر! آپ نگہت سے کیوں نہیں کہتے، وہ مجھ سے زیادہ ذمہ دار اور زیادہ ڈیوٹی فل ہے اور سب سے بڑھ کر وہ مجھ سے بہت سینئر ہے اور اس کا تجربہ مجھ سے زیادہ ہے۔ اسے اس قسم کی ڈیوٹیز ویسے بھی پسند ہیں۔‘‘ مریم نے نرمی سے کہا۔ واضح انکار کر کے وہ سرجن مرتضیٰ کو بھی ناراض نہیں کر سکتی تھی۔
’’نگہت کو تو بہت کچھ پسند ہے مگر میرے دوست کو تم پسند آئی ہو۔‘‘ سرجن مرتضیٰ اس کے چہرے کی طرف دیکھتے ہوئے نہ جانے کس خیال کے تحت بولتے چلے گئے۔ مریم نے چونک کر انہیں دیکھا۔
’’کیا مطلب؟‘‘ اب کی بار وہ اپنے لہجے کو سخت ہونے سے بچا نہ سکی۔
’’دراصل بچہ بہت ضدی ہے۔ وہ اپنی ماں کے علاوہ کم ہی کسی کے ہاتھ سے کچھ لے کر کھانے پینے پہ تیار ہوتا ہے اس لےے ان لوگوں کی ڈیمانڈ تھی کہ کسی کیوٹ نرس کا بندوبست کیا جائے تاکہ اس سے بچے کی دوستی بھی ہوجائے اور تیمار داری بھی ہوتی رہے۔ آج کل کے بچوں کو تم جانتی ہو کم صورت ٹیچر سے پڑھنے پر راضی نہیں ہوتے کجا کہ کچھ کھانے پینے پر تیار ہونا۔ اسی لےے میں نے تمہیں اپروچ کیا ہے تاکہ پریشانی ختم ہوسکے۔‘‘
سرجن مرتضیٰ اتنا کہہ کر خاموش ہوگئے مگر مریم دیر تک نہ بول سکی۔
’’دیکھو، میری بات کا غلط مطلب مت لو۔ میں تمہیں گزشتہ ایک ڈیڑھ سال سے اس ہاسٹل میں دیکھ رہا ہوں۔ میں جانتا ہوں تم میں کام کرنے کی، آگے بڑھنے کی لگن ہے بس اسی لےے۔۔۔‘‘
انہوں نے بہت رسانیت سے کہا۔ ان کی بات میں اور ان کے انداز میں کچھ تو ایسا تھا کہ مریم غصہ کرنے کی بجائے ان کی بات پر غور کرنے لگی۔ وہ کوئی متبادل نام سوچ رہی تھی، جو اپنے بجائے سرجن مرتضیٰ کے سامنے پیش کر سکے۔ اسے یک دم لیزا کا خیال آیا جو چند دن پہلے اسے بتا رہی تھی کہ وہ کسی پارٹ ٹائم جاب کی تلاش میں ہے۔ لیزا کے علاوہ سلویا اور ساجدہ اور پھر سب سے بڑھ کر تزئین بھی ضرورت مند لڑکیوں کی فہرست میں آتی تھی اور اکثر اس کے پاس بیٹھ کر اپنی اپنی ضرورتوںکا رونا روتی رہتی تھیں۔
’’آپ لیزا سے بات کیجےے سر یا پھر ساجدہ یا تزئین وغیرہ سے۔ وہ بھی میری طرح بہت ڈیوٹی فل ہیں، خاص کر تزئین وہ ہم سب میں سب سے زیادہ اچھی ہے، بلکہ وارڈ میں اک وہی واحد لڑکی ہوتی ہے جو بچوں کو بہترین طریقے سے ہینڈل کرتی ہے۔‘‘ اس نے اپنی دو تین کلاس فیلوز کا نام لیا۔
’’تم اپنی بات کرنے کے بجائے دوسروں کی بات کیوں کر رہی ہو؟‘‘
سرجن مرتضیٰ گویا زچ ہو کر بولے۔
’’آپ دوسروں کی بات کرنے کے بجائے میری ہی بات کیوں کر رہے ہیں؟‘‘
اس نے بھی دو بدو جواب دیا۔ سرجن مرتضیٰ کے انداز نے اسے جرات سے بات کرنے کا حوصلہ دیا تھا۔ سرجن مرتضیٰ ایک دم ہنس دےے۔ مریم کو اس سنجیدہ صورت حال میں اس قسم کے قہقہے کی امید نہیں تھی۔
’’ٹھیک ہے جیسی تمہاری مرضی۔‘‘ وہ اس کے چہرے پر مکمل ارتکاز کرتے ہوئے بولے۔ انہوں نے چشمہ ایک بار پھر ہاتھ میں پکڑلیا۔
’’تم اچھی لڑکی ہو، اس لےے میں نے تم سے بات کی ورنہ یہاں لڑکیوں کی کمی نہیں ہے۔ بہت سی ایسی لڑکیاں ہیں جو میرے ایک بار کہنے پر فوراً تیار ہوجائیں گی۔‘‘
مریم خاموشی سے بیٹھی رہی۔ ان کی اس بات کا اس کے پاس کوئی جواب نہیں تھا، جبکہ سرجن مرتضیٰ مسلسل اس کی جانب دیکھ رہے تھے۔
’’اب میں جائوں۔‘‘ اس نے ان کے اس طرح سے دیکھنے پر مدھم سی آواز میں اجازت طلب کی۔ سرجن نے ایک بار پھر ہلکا سا قہقہہ لگایا۔
’’تم واقعی معصوم ہو یا صرف پوز کرتی ہو۔‘‘ وہ میز پر قدرے جھک کر بولے۔ مریم نے حیرانی سے ان کی شکل دیکھی۔ وہ نہ جانے اس کے ساتھ پہیلیاں بوجھنے والا یہ کھیل کیوں کھیل رہے تھے۔
’’ارے بابا۔۔۔ میں تم سے مذاق کر رہا تھا۔ صرف تمہیں جانچنے کی کوشش کر رہا تھا۔ مجھے خوشی ہے کہ تم اتنی ہی اچھی لڑکی ہو جتنا کہ میں نے سوچا تھا۔ دراصل مجھے تمہیں یہ پیپرز دینے تھے۔‘‘ انہوں نے کچھ پیپرز اس کے سامنے رکھے۔
’’سری لنکا میں پیرا میڈیکل اسٹاف کے بنیادی اسٹرکچر کے لےے ایک پندرہ روزہ کورس ہورہا ہے۔ سارے جنوبی ایشیا سے لوگ آرہے ہیں ہمارے یہاں سے بھی چند منتخب لوگوں کو بھیجا جارہا ہے۔ مبارک ہو، تمہارا نام بھی ان لوگوں میں شامل ہے۔‘‘
انہوں نے وہ بات بتادی جس کے لےے انہوں نے مریم کو بلایا تھا۔ مریم نے اپنی سینئرز سے ایسے کورسز کے بارے میں سن رکھا تھا اور وہ ان کورسز کی اہمیت و افادیت سے بخوبی واقف تھی۔
’’میں۔۔۔ مجھے۔۔۔ میرا مطلب ہے میں تو ابھی اسٹوڈنٹ نرس ہوں۔ میرا سلیکشن کیسے ہوسکتا ہے؟‘‘ وہ بے پناہ خوشی پر قابو پا کر بولی۔
’’تمہارا گزشتہ ریکارڈ بہت شاندار ہے مریم۔۔۔! اس کے علاوہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے تم بہت ریگولر ہو، بہت ذمہ دار اور فرض شناس ہو، اسی لےے تمہیں چنا گیا ہے۔‘‘
وہ ریوالونگ چیئر کی پشت سے کمر ٹکائے اس کے خوشی سے سرخ پڑتے چہرے کو مسکراتے ہوئے بغور دیکھ رہے تھے۔مریم کچھ کہنے ہی والی تھی کہ کمرے کا دروازہ بنا دستک کے کھلا اور کوئی اندر داخل ہوا۔
’’آئو۔۔۔نگہت! آجائو۔‘‘ سرجن مرتضیٰ ایک دم سے اپنی سیٹ پر سیدھا ہو کر بیٹھتے ہوئے بولے۔ مریم نے بھی مڑ کر دیکھا۔
’’تم بہت خوش لگ رہی ہو۔۔۔ خیریت؟‘‘ وہ مریم کے چہرے کی طرف دیکھتے ہوئے استفسار کرنے لگی۔ اس کی آنکھوں میں تحیر، پیشانی پر تیوریاں اور ہونٹوں پر مسکراہٹ تھی۔
’’اور کیا میں پوچھ سکتی ہوں، تم اس وقت یہاں کیا کر ر ہی ہو۔۔۔ آج تو تمہاری شفٹ بھی نہیں ہے؟‘‘
اس کے لہجے میں عجیب سا طنز گھلا ہوا تھا۔
’’مجھے ایک کام تھا اسی لےے میں نے بلوایا تھا۔ سری لنکا والے کورس کے لےے مریم کو سلیکٹ کیا گیا ہے۔‘‘
سرجن مرتضیٰ نے نگہت کی طرف دیکھتے ہوئے کہا۔
’’مریم کو؟ مگر مریم تو۔۔۔ میرا مطلب ابھی تو یہ سیکنڈ ایئر میں ہے اور اس کورس کے لےے تو وارڈ سسٹرز کو سلیکٹ کیا جارہا تھا اور مریم تو ابھی اسٹوڈنٹ نرس ہے۔‘‘
اس کی ساری توجہ مریم کے بجائے سرجن مرتضٰیٰ کی طرف مبذول تھی۔
’’ہاں۔۔ تم ٹھیک کہہ رہی ہو مگر کبھی کبھی وارڈ سسٹرز سے کوتاہی ہوجاتی ہے تو پھر اس کا ازالہ کرنے کے لےے اسٹوڈنٹ نرس کی ضرورت پڑجاتی ہے۔‘‘ سرجن مرتضیٰ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا مگر ان کی مسکراہٹ اور الفاظ میں عجیب سی کاٹ تھی جسے مریم جوشِ جذبات میں محسوس بھی نہیں کر پائی تھی۔
’’آپ جاسکتی ہیں مریم!‘‘
سرجن مرتضیٰ نے اسے جانے کا عندیہ دیا۔ وہ ان پیپرز کو اٹھا کردروازے کی سمت چل دی۔
’’یہ سب آخر ہو کیا رہا ہے؟‘‘ عقب میں اس نے نگہت کی غرّاتی ہوئی آواز سنی تھی۔
٭٭٭
’’کیا کر رہی ہو؟‘‘ نگہت دروازے کے بیچوں بیچ کھڑی پوچھ رہی تھی۔ مریم نے پلٹ کر اس کی جانب دیکھا پھر بشاشت سے مسکرائی۔
’’شکر ہے یار! تمہاری شکل تو نظر آئی۔‘‘ وہ نگہت کے چہرے پر پھیلی بے زاری و خفگی کو محسوس کےے بغیر کہنے لگی۔ اس کی بات سن کر نگہت کے چہرے پر استہزائیہ ہنسی نے ذرا کی ذرا جھلک دکھائی۔
’’کیوں، خیریت؟ اتنا مِس کر رہی تھیں مجھے؟‘‘ وہ دھیرے دھیرے قدم اٹھاتی اس کے قریب آگئی۔ مریم نے بستر پر پڑے سفری بیگ کا رخ بالکل اس کی جانب کر دیا۔
’’ہاں نا۔۔۔ یہ دیکھو، میں نے یہ سب سامان رکھا ہے۔ مجھے بالکل سمجھ میں نہیں آرہا کہ مجھے کون سی چیزیں ساتھ لے جانا چاہئیں۔ میں تو کنفیوز ہوگئی ہوں۔‘‘
وہ بے چارگی سے کہہ رہی تھی۔
’’اوہ۔۔۔ اس کا مطلب، تم نے فیصلہ کرلیا ہے۔‘‘ نگہت نظریں گھماتے ہوئے بولی۔ اس کا انداز مریم کے لےے کسی قدر اجنبی تھا مریم نے نا سمجھی کے انداز میں اس کے چہرے کی جانب دیکھا۔
’’آئی مین تم سری لنکا کے ٹور پر جارہی ہو؟‘‘ نگہت نے ایک اور سوال کیا۔
’’ہاں یار۔۔۔ تب ہی تو یہ پھیلاوا پھیلا کر بیٹھی ہوں۔‘‘ مریم نے نفاست سے تہ کر کے رکھا ہوا ایک اور سوٹ بیگ میں ٹھونسا۔ وہ بہت خوش اور بہت مطمئن دکھائی دے رہی تھی۔
’’بائی دا وے تمہارے گھر والوں نے اجازت دے دی؟‘‘ اس کا انداز خاصا طنزیہ تھا۔
’’ہاں، دے دی۔ ابو جی تو بخوشی رضامند ہوگئے تھے، بس حیدر واویلا کر رہا تھا مگر میں نے کوئی پروا نہیں کی۔ ایسا چانس روز روز تو نہیں ملتا۔‘‘ وہ بات کرتے کرتے الماری کی جانب چل دی اور ضرورت کی دوسری چیزیں نکال کر ایک شاپر بیگ میں رکھنے لگی۔
’’چانس؟‘‘ نگہت نے استفہامیہ انداز میں اس کی جانب دیکھتے ہوئے کہا۔ ساری گفتگو میں پہلی مرتبہ مریم نے ٹھٹک کر اس کی طرف دیکھا پر سر جھٹک کر مسکراتے ہوئے بولی۔
’’نگہت! مجھے لگتا ہے، تم نے آج چائے نہیں پی اسی لےے سست ہورہی ہو۔ میں ذرا اس پیکنگ سے فارغ ہو لوں پھر مل کر چائے پیتے ہیں، میں نے بھی ابھی تک چائے نہیں پی۔ تزئین بھی تب تک آجائے گی۔‘‘ وہ اسی شاپر کو گرہ لگا کر بیگ میں رکھنے لگی۔ میز کے ایک کارنر پہ اس کا ٹوتھ برش اور پیسٹ وغیرہ پڑے تھے۔ وہ انہیں اٹھانے کے لےے نگہت کی دائیں جانب سے گزرنے لگی تھی کہ اس نے اس کا ہاتھ تھام لیا۔ نگہت کی گرفت میں عجیب سی سختی تھی۔ مریم نے حیرانی سے اس کی شکل دیکھی۔
’’کافی ہوچکا مریم! اب بس کرو۔۔۔ بتادو مجھے کہ یہ چکّر کتنے دن سے چل رہا ہے اور مرتضیٰ نے اس ٹور کے بدلے تم سے تمہارے علاوہ مزید کیا ڈیمانڈز کی ہیں؟‘‘ اس کے لہجے میں عجیب سی تھکن اور الفاظ میں کاٹ تھی۔ نگہت کے منہ سے سرجن مرتضیٰ کے لےے صرف ’’مرتضیٰ‘‘ سننا بھی مریم کے لےے کافی اچنبھے کی کا باعث تھا۔
’’تم۔۔۔ تم کیسی باتیں کر رہی ہو نگہت۔۔۔ مجھے۔۔۔‘‘
’’بس بہت ہوچکا مریم۔‘‘ وہ مریم کی بات کاٹ کر غرّائی۔
’’اب یہ مت کہنا کہ تمہیں میری بات سمجھ میں نہیں آرہی۔ تمہارا یہ ڈائیلاگ بہت پرانا ہوچکا ہے۔ بہتر ہوگا کہ اب اس معصومیت کے چوغے کو اتار پھینکو۔۔۔ بہت برداشت کرلیا میں نے۔۔۔ تم کیا سمجھتی ہو نگہت کوئی دودھ پیتی بچی ہے جسے تم بے وقوف بنالو گی۔ مجھے چلانا اتنا آسان نہیں ہے مریم! اب مجھے بتا ہی دو کہ تم نے مرتضیٰ کو کس حد تک اپنی مٹھی میں کیا ہوا ہے۔ وہ شخص جو میری نام کے تسبیح پڑھتا تھا وہ اب تمہارے نام کی مالا کیوں جپنے لگا ہے۔‘‘ اس کے انداز میں اس قدر تضحیک تھی کہ مریم اپنی جگہ سُن ہو کر رہ گئی۔
’’یہ بات میں ابتدا سے جانتی تھی کہ مرتضیٰ تمہیں پسند کرتا ہے۔ میں نے سوچا کوئی بات نہیں لڑکی اچھی ہے اور اچھی چیز ہر کسی کو اچھی لگتی ہے مگر میں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ یہ اچھی چیز ایک دن مجھے ہی ری پلیس کر دے گی۔‘‘
وہ چبا چبا کر بول رہی تھی۔ مریم نے اس کی گرفت سے اپنا ہاتھ چھڑایا اور چارپائی پر بیٹھ گئی۔
’’خدا کے واسطے نگہت چپ ہوجائو، تمہاری یہ بکواس مجھے بالکل سمجھ میں نہیں آرہی۔ تمہیں میری عزت کا پاس نہیں نا سہی مگر سرجن مرتضیٰ تو تمہارے لےے قابل عزت ہیں نا۔ ان کا ہی احساس کرلو۔‘‘
’’میں کیوں کسی کا احساس کروں؟‘‘ نگہت نے اس کی بات کاٹی۔
’’میں کسی کا احساس نہیں کروں گی اور یہاں کون ایسا ہے جس کی میں عزت کروں۔‘‘
’’تم اپنی مثال لے لو۔ اتنی بڑی کانفرنس کے لےے کسی عام سی اسٹوڈنٹ نرس کا سلیکشن کسی کرم نوازی کے بغیر تو نہیں ہوا ہوگا اور پھر مرتضیٰ کو میں تم سے زیادہ اچھی طرح جانتی ہوں۔ وہ شخص تو مطلب کے بغیر کسی کے سر پر ہاتھ نہ رکھے۔‘‘ نگہت کی سانس بے تحاشا پھول رہی تھی مگر اس کے غیض میں کوئی کمی نہیں آئی تھی۔ مریم کی آنکھ سے جھر جھر آنسو بہنے لگے۔ اس کے خیال میں نگہت کا دماغی توازن خراب ہوگیا تھا۔
’’اس کورس میں شرکت کے لےے مجھے سلیکٹ کیا جانا تھا۔ مجھے اس کے بعد آرتھو پیڈک میں ہی اسپشلائزیشن کرنی تھی۔ مرتضیٰ نے مجھے یقین دلایا تھا کہ وہ میرا ہی نام دے گا اور چیئرمین تک پہنچائے گا مگر بیچ میں تم آگئیں اور میرا نام واپس لے لیا گیا۔ مرتضیٰ۔۔۔‘‘
اس کی بات ابھی نامکمل تھی کہ تزئین کمرے میں داخل ہوئی۔ اس نے ہاتھ میں کچھ شاپر بیگز پکڑے ہوئے تھے۔ وہ اندر کی صورت حال سے بالکل بے خبر تھی اس لےے ہونٹوں پر مسکراہٹ لےے وہ ان دونوں کی سمت بڑھی تو مریم کے بہتے آنسوئوں نے اسے حیران کر دیا۔ نگہت کے چہرے کے تاثرات بھی کچھ نارمل نہیں لگ رہے تھے۔
’’تم دونوں کو کیا ہوا ہے؟‘‘ اس نے نرمی سے پوچھا۔ مریم اپنی جگہ سے اٹھ کر اس کے قریب آئی اور اس کے بازو کو تھام لیا۔
’’تزئین! نگہت کو کوئی غلط فہمی ۔۔۔‘‘
’’مجھے کوئی غلط فہمی نہیںہوئی اور اس تزئین سے کیا پوچھتی ہو یہ تو خود اس غلاظت میں لتھڑی ہوئی ہے۔‘‘
نگہت نے پھر مریم کو بولنے کا موقع نہیں دیا۔
’’کیا بکواس کر رہی ہو نگہت! تم اپنے ہوش میں تو ہو؟‘‘ تزئین اسے کھا جانے والی نظروں سے دیکھتے ہوئے بولی۔
’’اوہو، تو اب آپ مجھے سمجھائیں گی کہ میں اپنے ہوش میں ہوں۔۔۔ کیا میں آپ سے پوچھ سکتی ہوں کہ میٹرن کے کہنے پر جب آپ پہلی مرتبہ ڈین کے گھر گئی تھیں تو آپ ہوش میں تھیں اور پھر اب جب۔۔۔‘‘تزئین نے بات کاٹی۔
’’مزید ایک لفظ نہیں نگہت۔۔۔ میں تمہارا منہ توڑدوں گی۔تم۔۔۔‘‘
’’میرا منہ توڑو گی کیونکہ میں سچ بول رہی ہوں۔ بہت خوب۔‘‘ مریم نے حیرانی سے ان دونوں کی جانب دیکھا۔ وہ دونوں اب آپس میں لڑنے لگی تھیں۔
’’تمہیں جو بات کرنی ہے مجھ سے کرلو مگر مریم کے سامنے نہیں۔‘‘ تزئین اس کے قریب آکر بہت دھیمی آواز اور مصالحانہ انداز میں بولی، مگر نگہت نے اس کی بات کاٹ دی۔
’’مریم کے سامنے کیوں نہیں، یہ بھی ہم میں سے ایک ہے، اسے بھی تو سب کچھ پتا ہے۔ اس سے یہ پردہ داری کیوں۔ دراصل تم سب لوگ بھی میری طرح دھوکے میں ہو۔ مریم وہ نہیں ہے جویہ نظر آتی ہے۔ اس کا صرف چہرہ معصوم ہے، ورنہ اندر سے یہ بھی پوری ہے۔‘‘ تزئین نے اس کے چہرے پر ایک زوردار طمانچہ رسید کیا پھر اسے بستر پر دھکا دے کر بٹھانے والے انداز میں پٹختے ہوئے چلّا کر بولی۔
’’اب اگر ایک لفظ بھی تمہارے منہ سے نکلا تو میں تمہارا حشر بگاڑ دوں گی۔‘‘ نگہت نے اس کی بات سن کر عجیب سے انداز میں قہقہہ لگایا۔ اس کے ہونٹوں کے کنارے سے رال ٹپکنے لگی تھی۔ تزئین اسی کی جانب دیکھ رہی تھی۔ اس کی دیوانگی نے تزئین کو مزید چونکا دیا۔
’’تم نگہت کی باتوں کو اگنور کر دو مریم! یہ اپنے ہوش میں نہیں ہے۔ میرا خیال ہے یہ نشے میں ہے۔‘‘ وہ مریم کی طرف رخ کر کے جھکی آنکھوں کے ساتھ بے حد دھیمی آواز میں بولی۔
’’میں بالکل ٹھک ہوں مریم! میں نے ہر بات مکمل ہوش و حواس میں کہی ہے۔ میں نشے میں نہیں ہوں۔ ایک دو پیگ چڑھانے سے مجھے اب نشہ نہیں ہوتا۔ تم میرے بجائے تزئین کی باتوں کو اگنور کرو، یہ تمہیں کبھی حقیقت نہیں بتائے گی۔ دراصل یہ بے چاری بھی میری طرح تمہیں بہت معصوم سمجھتی ہے۔‘‘
الفاظ اس کے منہ سے ٹوٹ ٹوٹ کر ادا ہورہے تھے۔ مریم ہکا بکا ان دونوں کی شکل دیکھ رہی تھی۔ ان کی باتیں اس کے لےے پریشان کن بھی تھیں اور حیران کن بھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے نگہت اپنی جگہ سے اٹھی اور اس کے قدموں میں آبیٹھی۔ مریم بدک کر پیچھے ہٹی۔
’’تمہیں خدا کا واسطہ مریم! میرے راستے سے ہٹ جائو۔ میں بہت غلط کام کےے ہیں، بہت لڑکیوں کو غلط راہ پر لگایا، بہت گناہ کمائے ہیں مگر میں اللہ سے معافی مانگ لوں گی۔ تم میری راہ سے ہٹ جائو۔ مرتضیٰ کومجھے واپس کردو۔ مجھے اس سے بہت محبت ہے، سچی محبت۔ میںتمہارے پائوں پڑتی ہوں مریم!‘‘
’’تم یہ کیا کر رہی ہو نگہت! ہوش میں آئو۔ چلو، میں تمہیں تمہارے کمرے میں چھوڑ آئوں، اٹھو یہاں سے۔ پاگل مت بنو، مریم وہی کرے گی جو تم چاہو گی۔‘‘ تزئین ہمت کر کے آگے بڑھی اور اس کے شانوں پہ ہاتھ رکھ کر اسے کھڑا کرنا چاہا۔
’’وعدہ کرو کہ مریم وہی کرے گی جو میں چاہوں گی، پہلے وعدہ کرو۔ میں جانتی ہوں مریم تمہاری ہر بات مانتی ہے۔ وہ تمہاری بہت اچھی سہیلی ہے نا۔ تم مجھ سے وعدہ کرو۔‘‘ وہ تزئین کا ہاتھ پکڑ کر نہایت التجائیہ انداز میں بولی۔ آنسو ابھی بھی اس کی آنکھوں سے بہت روانی سے بہہ رہے تھے۔
’’ہاں میں وعدہ کرتی ہوں۔‘‘ تزئین نے بالآخر اسے کھڑا کیا۔ مریم نے اس کی جانب حیرانی سے دیکھا۔ وہ کمرے میں داخل ہوئی تو نہایت جارحانہ موڈ میں تھی، مگر جب کمرے سے جارہی تھی تو اس کے کندھے جھکے ہوئے تھے۔ وہ برسوں کی بیمار لگ رہی تھی۔ وہ تزئین کے ہاتھ کا سہارا لے کر کمرے سے باہر نکل گئی، جبکہ مریم تھکے ماندے انداز میں بستر پر بیٹھ گئی۔ اس کے سامنے ہی بیگ کھلا پڑا تھا جس میں اس نے اپنے کپڑے اور ضرورت کی دوسری چیزیں رکھی تھیں۔ وہ خود کو پاتال کی گہرائیوں میں اترتا ہوا محسوس کر رہی تھی۔ اس کے قدموں کے نیچے سے کسی نے زمین کھینچ لی تھی۔
٭٭٭
’’پاپا! آپ نے کبھی محبت کی ہے؟‘‘ اس نے ان کی کلین شیوڈ تروتازہ چہرے کی طرف دیکھتے ہوئے سوال کیا۔ جواب میں انہوں نے بلند و بانگ قہقہہ لگایا۔ وہ کچھ خجل سا ہوگیا۔ وہ ان کے گھر ویک اینڈ گزارنے کے لےے آیا تھا اور پہلی مرتبہ اس کا دل چاہ رہا تھا کہ وہ ان سے ان کی اور اپنی باتیں کرنے کے بجائے کسی ’’اور‘‘ کی باتیں کرے۔ وہ ان سے اس پری چہرہ لڑکی کے متعلق کرید کرید کر بہت سے سوالات کرنا چاہتا تھا، مگر پھر ہمت نہیں ہوپاتی تھی۔ تھک ہار کر اس نے گھما پھرا کر یہ سوال پوچھ ہی ڈالا تھا مگر ان کے اس قہقہے نے اسے بد مزا کر دیا۔
’’اس میں ہنسنے کی کیا بات ہے؟‘‘اس نے ناک چڑھا کر سوال کا۔ اس کے پاپا ٹانگ پہ ٹانگ چڑھاتے ہوئے مسکرائے اور ٹی وی کا چینل چینج کرنے لگے۔
’’یا رسنی! کبھی کبھی تم عجیب الجھا دینے والی باتیں کرنے لگتے ہو۔‘‘ مسکراہٹ ابھی بھی ان کے ہونٹوں کے کناروں پر کہیں ٹکی تھی اور یہی مسکراہٹ سمیع مرتضیٰ عرف سنی کو حوصلہ دے رہی تھی۔
’’میں نے ایک سادہ سا سوال پوچھا ہے، اس میں الجھا دینے والی کیا بات ہے۔ محبت میں کچھ عجیب نہیں ہوتا پاپا! جو سمجھ نہ آسکے۔‘‘ اس نے آرام دہ صوفہ کی بیک سے ٹیک لگائی اور دونوں ٹانگوں کو سینٹر ٹیبل پر رکھ لیا۔ اس کے پاپا اب کی بار مسکرائے۔
’’ینگ مین۔۔۔ آر کو اوکے۔۔۔ سب خیریت ہے نا میرے بچے؟‘‘ وہ اس کے سلکی بالوں میں انگلیاں چلاتے ہوئے نرم لہجے میں استفسار کر رہے تھے۔ سمیع کچھ جھینپ سا گیا۔
’’یس پاپا! آئی ایم فائن۔ وہ میرا دوست ہے نا زوہیب۔۔۔ ہی از ان لو۔۔۔ آج کل اس کی چھب ہی نرالی ہے۔ آئی سویئر پاپا! وہ بالکل تبدیل ہوچکا ہے۔ ایسی عجیب وغریب باتیں کرتا ہے۔ آئی مین بہت پوئیٹکل لینگویج استعمال کرنے لگا ہے۔ کبھی کبھی تو بالکل پاگل لگنے لگتا ہے۔ مجھے اس کو دیکھ کر بہت حیرت ہوتی ہے۔ ایسا ممکن ہے پاپا کہ کوئی ہر وقت کسی کے تصور میں کھویا رہے۔ ہر وقت کسی اور کی باتیں کرتا رہے۔ ہر وقت کسی اور کے بارے میں سوچتا رہے؟‘‘ وہ دونوں ہاتھ سر کی پشت پر باندھے خلا میں دیکھتے ہوئے مسکراتے ہوئے کہنے لگا۔ مرتضیٰ احسن نے حیرت سے اپنے بیٹے کی جانب دیکھا۔
’’پاپا! آپ پہلی نظر کی محبت پر یقین رکھتے ہیں؟‘‘ اس نے سابقہ انداز میں سوال کیا۔
’’تم کرتے ہو؟‘‘ انہوں نے اسی کا سوال دہرایا۔
’’ہاں۔‘‘ اس نے یک دم کہا پھر فوراً سنبھل کر بولا۔
’’میرا مطلب ہے، میں یقین نہیں کرتا مگر زوہیب کرتا ہے۔ اس نے اس لڑکی کو ایک بار دیکھا ہے اور بس۔ وہ مسحور ہو کر رہ گیا ہے۔ جب بھی ملتا ہے، اسی لڑکی کے بارے میں بات کرتاہے۔ ایک دم ڈفر لگنے لگا ہے۔ جس لڑکی کا نام تک نہیں جانتا، اس سے محبت کیسے ہوسکتی ہے؟‘‘ مرتضیٰ احسن نے ٹی وی کا والیوم بالکل کم کر دیا اور اس کی طرف رخ پھیر کر بولے۔
’’یہ تو محبت نہیں ہوتی، کسی کو ایک بار دیکھو اور پھر اس کے سحر کا شکار ہوجائو۔ ارے بھئی! لڑکی سے محبت کر رہے ہو یا جادوگرنی سے۔ تم کو سمجھانا تھا اسے کہ ابھی اس کی عمر عشق و محبت والی نہیں ہے۔ ابھی وہ صرف گرل فرینڈز سے کام چلائے۔‘‘ ان کا انداز بہت کھوجتا ہوا تھا۔ سمیع کچھ سنبھل کر بیٹھ گیا۔
’’یس پاپا! میں اسے سمجھائوں گا اور میں اسے سمجھاتا بھی ہوں مگر۔۔۔‘‘ وہ تذبذب کا شکار ہوا۔
’’مگر کیا؟‘‘ انہوں نے استفسار کیا۔
’’مگر وہ نہیں سمجھ سکتا۔ مجھے یقین ہے، وہ اب کچھ نہیں سمجھ سکتا۔ وہ بہت آگے جا چکا ہے۔‘‘ سمیع کی آواز میں تسلسل نہیں تھا۔
’’وہ لڑکی کون ہے؟‘‘ انہوں نے انٹرویو کا سلسلہ شروع کیا۔
’’میں نے آپ کو بتایا تو ہے وہ اس لڑکی کے متعلق بہت زیادہ نہیں جانتا۔ اس نے اسے صرف دو بار دیکھا ہے۔ ایک بار کے ایف سی میں بہت سرسری سا پھر ایک بار۔۔۔‘‘ وہ بات کرتے کرتے رکا پھر کچھ دیر سوچنے کے بعد بولا۔ ’’دوسری ملاقات بھی شاید کے ایف سی میں ہی ہوئی تھی۔‘‘
وہ اب بات ختم کر کے وہاں سے اٹھنا چاہتا تھا۔ وہ نہیں چاہتا تھا کہ اس کے پاپا کو بھنک بھی پڑے کہ زوہیب کے پردے میں وہ ان سے اپنی یک طرفہ محبت ڈسکس کرتے ہوئے ان کے خیالات سے آگاہی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا جبکہ اس کے پاپا اس سے بھی زیادہ چالاک تھے۔
’’وہ لڑکی اس کی کلاس فیلو تو نہیں ہوگی؟‘‘ انہوں نے ٹھوڑی کے نیچے ہاتھ رکھ کر استفہامیہ انداز میں کہا۔
’’نہیں، نہیں کلاس فیلو تو نہیں ہے۔ آپ جانتے ہیں کلاس فیلوز کو میں گھاس نہیں۔۔۔ اوہ مائی گڈنیس۔۔۔ میرا مطلب۔۔۔‘‘ وہ اپنا راز اپنے منہ سے اگل چکا تھا۔ اس کے پاپا نے اس کی بات اچکی۔
’’تمہارا مطلب ہے، تم نہیں، زوہیب۔۔۔ ہے نا؟‘‘ وہ اس کی حالت کا مزا لیتے ہوئے بولے۔ سمیع بے طرح جھینپ گیا۔
’’مجھ سے تم کچھ نہیں چھپا سکتے برخوردار! اب سیدھی طرح اگل دو کہ وہ کون ہے جس نے ہمارے صاحبزادے کا یہ حال کر دیا ہے؟‘‘ ان کے انداز میں شرارت تھی۔ وہ خوامخواہ شرما سا گیا۔ شاید یہ اس کی عمر کا تقاضا تھا مگر وہ اپنے پاپا سے اتنے واضح انداز میں بات نہیں کر سکتا تھا جبکہ زوہیب کا حوالہ دے کر وہ اپنی ہر الجھن بھی دور کرنا چاہتا تھا مگر اس کی بے وقوفی نے اس کا بھانڈا پھوڑ دیا تھا۔
’’میں آپ کو سب کچھ بتادوں گا پاپا! مگر آپ اپنے سری لنکا والے ٹور سے فارغ ہولیں پھر ماہین کا نکاح ہے، اس کے بعد ہم اس بارے میں تفصیل سے بات کریں گے۔‘‘ اس نے دھیمی آواز میں کہا۔ وہ جانتا تھا اس کے پاپا اپنے ہاسپٹل میں کام کرنے والی کسی معمولی نرس کو اتنی جلدی قبول نہیں کریں گے پھر ممی تو شاید اس کی شکل ہی بگاڑ دیتیں۔ اگر انہیں اس کی اس خواہش کا پتا چل جاتا۔ ابھی وہ اس کی بات کاجواب بھی نہیں دے پائے تھے کہ فون کی گھنٹی بجنے لگی۔ انہوںنے فون اٹھا کر کان سے لگالیا۔
’’ہاں۔۔۔ میں ہی بات کر رہا ہوں۔۔ ہاں ٹھیک۔۔۔ تم کیسی ہو؟‘‘ انہوں نے سمیع کی جانب دیکھتے ہوئے محتاط سے انداز میں جواب دیا۔
’’واٹ۔۔۔ محبت؟ تمہارا دماغ تو خراب نہیں ہوگیا۔ واٹ ربش۔۔۔ نگہت! تم ایسا کچھ نہیں کرو گی۔ واٹ۔۔۔ اوکے گو ٹو ہیل۔‘‘ وہ بہت دھیمی آواز میں بات کر رہے تھے، مگر پھر بھی سمیع تک آواز بخوبی پہنچ رہی تھی مگر اسے ان کی باتوں میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ اس کا ذہن کسی اور ہی سمت میں پرواز کر رہا تھا۔ وہ اٹھ کر اپنے لےے مخصوص بیڈ روم کی سمت آگیا۔ ا س کے پاپا لائونج میں ابھی بھی فون کان سے لگائے بیٹھے تھے۔
٭٭٭
’’میں نے نرسنگ اس لےے جوائن کی کہ میں دکھی انسانیت کی خدمت کر کے یسوع مسیح کے نیک اور پیارے بندوں میں اپنا نام لکھوانا چاہتی ہوں۔‘‘ کمرے میں گہری تاریکی تھی اور اس گہری تاریکی میں ستارہ یوسف کی آواز نے گویا روشنی سی کر دی تھی۔ مریم نے ٹھنڈی سانس بھر کر پلکیں جھپکیں تو یہ روشنی گل ہوگئی۔ اسی تاریکی میں ستارہ یوسف کا ہیولا نمایاں ہونے لگا ستارہ یوسف جب نرسنگ اسکول میں آئی تھی تو اس کا حلیہ اب والی ستارہ یوسف سے بہت مختلف ہوا کرتا تھا۔ دیکھتے ہی دیکھتے اس نے نہ جانے کون سی ’’دکھی انسانیت‘‘ کی خدمت کی تھی کہ دھن اس پر بارش کی طرح برسنے لگا۔
’’یہ صرف اور صرف میری ضرورت ہے مریم!‘‘ اب کی بار تزئین کی آواز گونجی تھی۔ وہ برملا اس بات کا اعتراف کیا کرتی تھی کہ وہ نرسنگ کی طرف اس لےے آئی کہ اپنی امی اور بہن کے برعکس ایک پرتعیش طرزِ زندگی اپنا سکے۔ وہی تزئین اس کے ساتھ اس کے کمرے میں رہتی تھی۔ اس کے ساتھ والے بستر پر سوتی تھی، اس کے ساتھ اٹھتی بیٹھتی تھی اور اسے کچھ پتا نہیں چل سکا تھا کہ وہ گندگی میں اس قدر لتھڑ چکی تھی۔
’’کیا گناہ اتنا شفاف بھی ہوسکتا ہے کہ نظر ہی نہ آئے۔‘‘ مریم نے نہ جانے کس سے سوال کیا تھا۔ جب پردہ ہٹتا ہے تو ایک بھید نہیں کھلتا بلکہ کئی بھید کھل کر سامنے آجاتے ہیں۔ مریم کے سامنے سے پردہ تو ہٹ گیا تھا مگر کوئی بھید نہیں کھل سکا تھا۔ ہر بھید ایک نئے بھید کو جنم دیتا چلا جارہا تھا۔ وہ اپنے بستر پر اس طرح سے لیٹی تھی جیسے صدیوں کی بیمار ہو۔ اس کو لگنے والا دھچکا اتنا شدید تھا کہ اپنی ذات ہی زلزلوں کی زد میں محسوس ہورہی تھی۔ نگہت اور تزئین کو کمرے سے گئے کافی دیر ہوچکی تھی اور وہ ابھی تک اپنے بستر پر ساکت بیٹھی تھی۔
ڈاکٹر عادل اور تزئین، سرجن مرتضیٰ اور نگہت، روبینہ اور کامران، سرجن بخاری اور میڈم زینت۔۔۔ کیا سب ہی لوگ ایک جیسے تھے، کیا کوئی اس جیسا نہیں تھا اور اگر تھا تو نظر کیوں نہیں آرہا تھا۔ وہ اچانک ہی اپنے بستر سے اٹھ کر کھڑی ہوگئی۔ یہ کمرا جو آج تک اسے اپنے گھر جیسا لگا کرتا تھا، آج اچانک جیل کے بیرک کی طرح کیوں لگنے لگا تھا۔
’’کیا میں اس قدر بے وقوف ہوں کہ مجھے آج تک کچھ سمجھ میں نہ آسکا؟‘‘ وہ ایک بار پھر خود سے سوال کر رہی تھی۔ وہ کسی اور کے پاس جا کر استفسار کر بھی نہیں سکتی تھی۔ اس نے نگہت اور تزئین کو اپنا دوست سمجھا تھا اور دنوں نے ہی اسے دھوکا دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔ اس کا دل چاہ رہا تھا، فی الفور ہر چیز کو جوں کا توں چھوڑ کر کہیں بھاگ جائے لیکن کیا اس چیز سے فرار ممکن تھا جو اس کا شوق تھا، اس کا نصب العین تھا۔
’’کیا میں اندر آسکتی ہوں؟‘‘ کسی نے دروازہ کھول کر دستک دےے بنا اجازت طلب کی تھی۔ دروازہ کھلنے سے چاند کی چاندنی دبے پائوں اندر چلی آئی تھی، مگر اس چاندنی نے دروازے میں کھڑے وجود کو مزید ناقابل شناخت بنا دیا تھا۔
’’مریم! تم جاگ رہی ہو نا؟‘‘ آنے والی شخصیت نے کمرے کے عین وسط میں آکر پوچھا اور پھر مزید چند قد چل کر ٹیوب لائٹ آن کردی۔ مریم کی آنکھیں لمحہ بھر کر چندھیائی تھیں، مگر سب کچھ واضح ہوگیا۔ اندر داخل ہونے والی شخصیت تزئین بخاری تھی۔
’’تمہاری طبیعت ٹھیک ہے نا مریم؟‘‘ اس نے وہیں کھڑے کھڑے پوچھا۔
وہ مریم کی طرف دیکھنے سے احتراز برت رہی تھی۔ مریم نے اس کے سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔ وہ کیا جواب دیتی،طبیعت تو اتنی اچھی صاف ہوئی تھی کہ شاید اب زندگی بھر ’’ٹھیک‘‘ رہتی۔
’’یہ پانی پی لو۔‘‘ اسے نہ جانے کیسے خبر ہوئی کہ اس کی طلب پانی ہے۔ مریم نے اس کے بڑھے ہوئے ہاتھ سے پانی کا گلاس تھام لیا۔ تزئین اس کے بستر پر ہی بیٹھ گئی۔ اس کے انداز میں شرمندگی کے ساتھ ساتھ تذبذب بھی تھا۔ وہ بہت کچھ کہنا چاہتی تھی مگر مریم نے پانی پی لینے کے بعد اس کی جانب ایک بار بھی نہیں دیکھا۔
’’کیا تم مجھ سے کچھ بھی پوچھنا نہیں چاہتیں مریم! مجھ سے ناراض ہی ہولو، غصہ کرو مگر اس طرح خاموش مت رہو۔‘‘ تزئین نے اس کے ہاتھ پر اپنا ہاتھ رکھ کر جھجکتے ہوئے کہا۔ مریم اب بھی خاموش رہی۔ اس کے وجود میں ذرا سی بھی جنبش نہیں ہوئی تھی ۔ حتیٰ کہ اس نے تزئین کے ہاتھ کے نیچے سے اپنا ہاتھ بھی نہیں نکالا تھا۔
’’تزئین! نگہت نے جو کہا، تمہارے بارے میں اور ڈاکٹر عادل۔۔۔‘‘ ٹوٹے لہجے میں بولتی مریم اپنی بات مکمل نہیں کرپائی۔
’’نگہت جھوٹ بول رہی تھی نا تزئین؟‘‘ اس نے رک کر گہری سانس بھری اور پھر پوچھا، تزئین خاموش رہی۔ وہ مریم کی بات کی تائید کیسے کر سکتی تھی، جبکہ وہ جانتی تھی نگہت نے چند گھنٹے قبل جو کچھ کہا تھا، وہ حرف بہ حرف سچ تھا۔ نگہت نشے میں نہ ہوتی تو شایدا تنی بے باکی سے سچ بھی نہ بولتی۔
’’تزئین! مجھے بتادو پلیز۔۔۔ میرا دل پھٹ جائے گا۔‘‘ مریم اس کے شانے کو ہلاتے ہوئے بولی۔
’’میں نے ڈاکٹر عادل سے کورٹ میرج کرلی ہے مریم!‘‘ تزئین نے بہت دھیمی آواز میں انکشاف کیا۔ مریم کو جھٹکا لگا۔ شاید وہ تزئین کے منہ سے یہ سب نہیں سننا چاہتی تھی۔ اس نے پھٹی پھٹی آنکھوں سے تزئین کو دیکھا۔
’’میرے پاس۔۔۔ اس کے علاوہ۔۔۔‘‘ تزئین نے بات ادھوری چھوڑ کر مریم کی جانب دیکھا، جو اس سے یک دم ہی دور ہٹ کر بیٹھ گئی تھی۔ اس کی آنکھوں میں نمی بڑھ رہی تھی۔
’’مریم! تم میری بات سمجھنے کی کوشش تو کرو۔ میں نے گناہ نہیں کیا۔ میں نے ڈاکٹر عادل سے شادی کی ہے۔ میں تمہیں بتانا چاہتی تھی مگر مجھے موقع ہی نہ مل سکا۔ دراصل تم عادل کو ناپسند کرتی ہو، یہ بات میں بہت شروع سے جانتی تھی۔ میں نے بارہا کوشش کی تمہیں سمجھانے کی، تمہیں حقیقت بتانے کی کہ عادل بُرے انسان نہیں ہیں مگر تم میری کوئی بات سننے پر تیار نہ ہوئیں، بس اسی لےے۔ تم خود بتائو مریم! میں تمہیں کس طرح یہ سب بتاتی۔ تم تو میڈم زینت کو بھی بُری عورت سمجھتی تھیں۔ تم تو ان کی کسی اچھائی کو بھی ماننے کو تیار نہیں تھیں۔ حالانکہ وہ کتنی اچھی ہیں۔‘‘
’’مجھے کچھ مت بتائو تزئین! مجھے تمہاری کوئی بات نہیں سننی۔ تم جن لوگوں کو اچھا کہہ رہی ہو، وہ سب بُرے لوگ ہیں۔ مجھے خود نگہت نے بتایا تھا۔‘‘ مریم اس کی بات کاٹتے ہوئے بولی اور پھر تزئین کی شکل دیکھنے لگی۔ نگہت کی آج والی حالت دیکھ کر کیا وہ اس کی کسی بات پر اعتبار کر سکتی تھی۔ نگہت آج سے پہلے اسے جو کچھ سمجھاتی رہی تھی۔ وہ سچ تھا تو آج جو کچھ وہ نشے کی حالت میں کہہ گئی تھی، وہ سب کیا تھا۔ مریم کے سامنے انہیں انتہائی شریف بنا کر کیوں پیش کرتی تھی؟ وہ کس کی بات کو سچ مانتی، نگہت کی یا تزئین کی۔ یہ کیسی بھول بھلّیاں تھی جس میں وہ پھنس کر رہ گئی تھی۔
’’تمہارا مسئلہ یہ ہے مریم! کہ تم ہر چیز کو اپنی آنکھ سے دیکھنے اور سمجھنے کے بجائے دوسروں کی آنکھ سے دیکھنا پسند کرتی ہو۔ نگہت کی دوستی نے تمہیں بہت سے اچھے لوگوں کی دوستی سے محروم کر دیا۔ مجھے خود بھی یہ بات بہت دیر سے سمجھ میں آئی تھی اور میں تمہیں بتانا بھی چاہتی تھی مگر۔۔۔‘‘ وہ لمحہ بھر کو رکی۔
’’تمہیں یاد ہے مریم! جب وقتاً فوقتاً میں کوئی ایسی بات شروع بھی کرتی تو تم مجھے خاموش کروادیا کرتی تھیں۔ ایسی صورت حال میں کیا کیا جاسکتا تھا؟‘‘ وہ جتاتے ہوئے لہجے میں بولی۔
’’تمہیں یاد ہے ایک بار تم نے نگہت کی جگہ نائٹ شفٹ میں ڈیوٹی کی تھی۔ تب تم نے خود کو کتنی بڑی مشکل میں پھنسالیا تھا؟ تم خود نہیں جانتی تھیں۔ اس دن اگر عادل اس روم میں نہ آتے تو اس حریص شخص سے کوئی تمہیں نہیں بچا سکتا تھا تم شکر کرو مریم! کہ تمہارا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ اللہ نے تمہاری بہت بہت مدد کی ہے اور جن بندوں کے ذریعے اس نے یہ مدد کی ہے تمہیں ان بندوں کا شکر گزار ضرور ہونا چاہےے۔ میڈم زینت اور عادل نے کبھی تمہارا بُرا نہیں چاہا مگر یہ دونوں کبھی تمہیں اچھے نہیں لگے جبکہ نگہت اور سرجن مرتضیٰ نے کبھی تمہارا اچھا نہیں چاہا اور وہ دونوں کبھی تمہیں بُرے نہیں لگے۔ غلطی تو سراسر تمہاری ہے مریم! بہت ساری گتھیاں تو خود بخود سلجھ جاتی ہیں لیکن اگر انہیں طریقے سے سلجھایا جائے تو۔ اگر تم غور کرتیں تو جان لیتیں کہ تمہیں پھانسنے کے لےے پلان بنایا گیا ہے۔ سب سینئر رینک کی نرسز کے ساتھ ایک جونیئر رینک کی اسٹوڈنٹ نرس کا کیا کام؟ مگر تم شاید۔۔۔‘‘ دروازے پر ہونے والی دستک سن کر تزئین خاموش ہوگئی۔ ان دونوں نے ایک دوسرے کی جانب دیکھا پھر تزئین نے اٹھ کر دروازہ کھول دیا۔
’’تم دونوں یہاں اطمینان سے بیٹھی ہو، وہاں غضب ہوگیا ہے۔ نگہت نے خود کشی کرلی ہے۔‘‘ دروازے کے بیچوں بیچ کھڑے وارڈ بوائے نے گویا دھماکہ کیا تھا۔
٭٭٭
’’تم ٹھیک کہتے تھے حیدر! میں سچ مچ میں بہت بے وقوف ہوں۔‘‘ اس نے بمشکل آنکھوں میں امڈتی نمی کو پیتے ہوئے کہا۔ دوسری جانب سے حیدر نے شگفتہ لہجے میں کچھ کہا۔ مریم لمحہ بھر کو خاموش ہوگئی پھر ریسیور کو تقریباً کان میں گھسا کر دھیمی آواز میں بولی۔
’’یہ بات نہیں ہے، بس تم لوگوں کی یاد آرہی ہے۔ میں جلدی گھر واپس آجائوں گی، بہت جلدی۔‘‘ پی سی او کے مالک نے ساری توجہ مریم کی جانب ہی لگائی ہوئی تھی۔ آواز دھیمی کرنے والی اس حرکت کو اس نے بہت دلچسپی سے دیکھا اور پھر سیٹی بجانے لگا۔ مریم کا بس نہیں چل رہا تھا کہ فون پر ہی حیدر کو الف سے یے تک ہر بات بتادے اور ٹیلی فون ریسیور کو اس کا کندھا سمجھ کر زار زار رونا شروع کر دے مگر وہ ایسا نہیں کر سکتی تھی۔ اس نے عجلت میں حیدر کو اللہ حافظ کہا اور پھر پیسے اد اکر کے پی سی او سے باہر نکلی اور تیز تیز قدم اٹھاتی مین گیٹ کی جانب چل دی۔ ہاسپٹل کے بالمقابل بنے اس پی سی او پر زیادہ تر نرسز یا مریضوں کے رشتہ دار ہی آیا کرتے تھے۔ مریم بھی یہیں سے گھر فون کیا کرتی تھی۔ وہ ہاسپٹل کا لان کراس کر کے اب کوریڈور کی طرف جارہی تھی۔ صبح کے نو بجے تھے۔ گیٹ نمبر 6 پر آئی وارڈ کے آئوٹ ڈور پیشنٹس کا تانتا بندھا تھا۔ پہلے جب کبھی وہ کوریڈور میں پیشنٹس کے قریب سے گزرتی تو ان کو دیکھ کر دل ہمدردی کے جذبات سے لبالب بھر جاتا، مگر آج نہ جانے کیوں دل اتنا بوجھل تھا کہ کسی ننھے مریض کو دیکھ کر دل محبت سے تڑپا نہ ہمدردی سے۔ وہ جھکے ہوئے سر اور لرزیدہ قدموں سے میٹرن کے روم کی جانب بڑھ رہی تھی۔
مریم کی آنکھوں پر کم فہمی کی عینک لگی ہوئی تھی تو ہر شخص کی آنکھوں میں صرف اور صرف عزت دکھائی دیتی تھی مگر اب جب یہ عینک اتری تھی اور ایک انوکھی مگر شرم ناک حقیقت روزِ روشن کی طرح عیاں ہوئی تھی تو ہر شخص کی آنکھیں ننگی تلوار کی مانند دکھائی دے رہی تھی۔
نگہت کے انتقال نے تو اسے جھنجوڑ کر رکھ دیا تھا۔ اس کی خود کشی سب ہی کے لےے معمہ بن کر رہ گئی تھی۔ ہر دم خوش رہنے والی۔ سینئر ڈاکٹرز اور میٹرن کی پسندیدہ نگہت کو آخر کیا غم لاحق تھا کہ اس نے اپنے آپ کومار ڈالا اور مریم کو یہی دکھ مارے ڈال رہا تھا کہ نگہت نے اس کی وجہ سے اپنے آپ کو مار ڈالا۔ وہ شخص جسے وہ باپ کے برابر عزت دیتی تھی، وہ ایک دم سے شیطان بن گیا تھا۔
وہ نگہت کے انتقال کے فوراً بعد ہی سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر گھر واپس چلی جانا چاہتی تھی مگر میڈم زینت کا خیال تھا کہ اگر وہ اس طرح سے واپس گئی تو خوامخواہ یہ فرض کیا جانے لگے گا کہ وہ شاید نگہت کی موت کی ذمہ دار ہے کیونکہ یہ تو سب ہی جانتے تھے کہ نگہت کی وفاداریاں سرجن مرتضیٰ کے ساتھ تھیں اور سرجن مرتضیٰ کی نظر التفات نگہت کے بجائے اب مریم پر ہوچکی تھی۔ پہلے تو شاید مریم نے ایسی باتیں سنی بھی نہیں تھیں مگر دھیمی آواز میں ہونے والی چہ مگوئیاں بھی اب اسے بخوبی سنائی دینے لگی تھیں۔
’’آئےے مریم! بیٹھےے۔‘‘ میٹرن نے سامنے رکھی کرسی کی طرف اشارہ کیا۔
’’آپ نے مجھے بلوایا تھا؟‘‘ مریم نے بیٹھتے ہوئے پوچھا۔
’’مجھے نگہت کی موت کا بہت دکھ ہے، اچھی لڑکی تھی۔ ‘‘ وہ دھیرے سے بولیں۔ مریم خاموش رہی۔
’’تمہار انگہت سے کیا جھگڑا تھا؟‘‘ ان کا اگلا سوال مزید خطرناک تھا۔ مریم ہکا بکا ہو کر ان کی شکل دیکھنے لگی۔
’’میں نے سنا ہے کہ تم دونوں کے درمیان کوئی تنازعہ تھا۔ نگہت اتنے کمزور اعصاب کی مالک نہیں تھی کہ کسی عام سی بات پر اپنے آپ کو مار ڈالتی جبکہ۔۔۔ جبکہ وہ پریگنینٹ بھی تھی۔‘‘ مریم ششدر بیٹھی ہوئی تھی۔
’’تمہارے مرتضیٰ سے کس قسم کے تعلقات تھے۔ دیکھو مجھ سے کچھ مت چھپانا، مجھے صاف صاف بتائو، تب ہی میں تمہیں اس سے بچاپائوں گی لیکن اگر تم نے غلط بیانی سے کام لیا تو تمہارے لےے بہت مشکل ہوجائے گی۔‘‘ ان کی بات پوری ہونے سے پہلے ہی مریم کی آنکھیں برسنے لگیں۔ وہ آج کل اتنی زود و رنج ہوچلی تھی کہ ذرا ذرا سی بات پر رونے لگتی۔ تزئین کا ساتھ بھی نہیں رہا تھا۔ دو روز قبل اپنے شوہر ڈاکٹر عادل کے ساتھ دمام روانہ ہوگئی تھی۔ ڈاکٹر عادل نے بہت عرصہ سے وہاں اپلائی کر رکھا تھا اور اب ان کو وہاں اچھی جاب مل گئی تھی۔ میٹرن نے اس کے آنسوئوں کو خاطر میں لائے بغیر اگلا سوال کیا۔
’’کیا میں سمجھ لوں کہ تمہارے اور مرتضیٰ کے۔۔۔‘‘
’’نہیں میڈم! ایسا مت کہےے، ایسی کوئی بات نہیں ہے، میں ایسی نہیں ہوں۔ میں تو۔۔۔‘‘ وہ ان کی بات کاٹ کر تڑپ کر بولی۔
’’ہاں ہاں، میں جانتی ہوں تم بہت شریف لڑکی ہو۔ مجھے حیرت اس بات پر ہور ہی ہے کہ اگر تمہارا اور مرتضیٰ کا کوئی سلسلہ نہیں ہے تو وہ کس برتے پر اکڑ رہا ہے۔ وہ یہ کیوں کہہ رہا ہے کہ اس کا تم پر حق ہے۔ مجھے آج کل ایک اچھی لڑکی کی بہت ضرورت ہے۔ میرے ذہن میں شروع سے تمہارا نام تھا مگر اب یہ مرتضیٰ نے نیا مسئلہ کھڑا کر دیا ےہ۔ اچھا تم اب جائو، میں خود سنبھال لوں گی۔‘‘ انہوں نے بے رحم لہجے میں گویا خود ہی مقدمہ شروع کیا اور خود ہی ختم کر کے فیصلہ سنادیا۔ وہ اٹھ کر ایک بار پھر وہی مردنی چال چلتی ان کے کمرے سے باہر نکل آئی۔ ابھی چند قدم چل کر مڑنے لگی تھی کہ سامنے سے اختر آتا دکھائی دیا۔
’’سسٹر مریم! آپ کو سرجن مرتضیٰ یاد فرمارہے ہیں۔‘‘ اس نے آنکھیں گھما کر شوخی سے بھرپور لہجے میں کہا۔ اس کے اندا ز میں یہ شوخی پہلے کبھی مریم کو محسوس نہیں ہوئی تھی۔ اس نے اختر کو ٹال کر آگے بڑھنا چاہا مگر وہ بھی اپنے نام کا ایک تھا۔ اس کے اصرار پر وہ مجبوراً سرجن مرتضیٰ کے کمرے کی طرف بڑھ گئی کہ جب تک وہ یہاں تھی کسی قسم کے نئے مسئلے میں الجھنا نہیں چاہتی تھی۔
’’اب گھما پھرا کر بات کرنے کا وقت ہے نہ موقع۔ میں تم سے دو ٹوک اور واضح بات کرنا چاہتا ہوں میرا ایک دوست ہے جس کا بیٹا چند روز پہلے یہاں ایڈمٹ رہا ہے۔ میرے دوست کو تم پہلی نظر میں بہت پسند آئی ہو۔ میرے اس دوست کی رسائی ہیلتھ منسٹری تک ہے۔ میں اس کی اسی اپروچ کا فائدہ اٹھا کر اس ہاسپٹل کا اگلا چیئرمین بننا چاہتا ہوں۔ اس کو خوش کرنے میں ہی میری خوشی ہے۔ تم سمجھ رہی ہو نا۔ تمہیں اب میرا کام کرنا ہی ہوگا مریم۔‘‘ سرجن مرتضیٰ اس کی شکل دیکھتے ہی شروع ہوگئے۔ ان کا انداز حکمیہ تھا نہ التجائیہ۔ بس ایسے جیسے کوئی بہت ہی عام سی بات کر رہے ہوں۔
’’آپ کادماغ خراب ہوگیا ہے سر! میں آپ کی کوئی بات۔۔۔‘‘
’’ابھی میری بات ختم نہیں ہوئی سسٹر مریم!‘‘ انہوں نے اس کی بات کاٹ کر ’’سسٹر مریم‘‘ پر زور دیتے ہوئے کہا۔
’’میں نے تم سے تمہاری رضامندی نہیں پوچھی۔ میں تمہیں بتا رہا ہوںکہ تمہیں یہ سب کرنا ہوگا۔ تمہارے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔ میں نے نگہت سے کہا تھا کہ تم سے طریقے سے بات کرلے مگر وہ آخری دنوں میں کچھ زیادہ ہی اونچا اڑنے لگی تھی مگر تم تو سچ مچ اڑیل ٹٹو ہو مگر خیر۔۔۔‘‘ انہوں نے لمحہ بھر رک کر سانس لیا۔
’’نگہت کی موت نے سارا کھیل ہی بگاڑ دیا لیکن ابھی بھی کچھ نہیں بگڑا۔ یوں سمجھو کچھ ہوا ہی نہیں۔ کل ویک اینڈ ہے۔ میرے دوست کا ڈرائیور تمہیں آکر لے جائے گا او روہاں۔۔۔‘‘ ایک بار پھر توقف کیا گیا۔
’’تمہیں ایک اور بہت ضروری بات بتانی ہے۔ دراصل نگہت نے مرنے سے پہلے میرے نام ایک میسیج چھوڑا تھا، جس میں اس نے اعتراف کیا ہے کہ اس کا اور تمہارا کوئی جھگڑا چل رہا ہے اور اس کی جان کو تم سے بہت خطرہ ہے۔ یہ پیغام میرے ٹیلی فون سیٹ کے ریکارڈر میں ابھی بھی محفوظ ہے۔ اگر تم میرا یہ چھوٹا سا کام نہیں کرو گی تو میں یہ پیغام پولیس کو دے دوں گا۔ باقی تم خود سمجھ دار ہو۔‘‘
مریم کا اوپر کا سانس اوپر اور نیچے کا سانس نیچے رہ گیا۔ اس ایک ہفتے میں مریم کو پے درپے جتنے جھٹکے لگے تھے، اس نے اس کے حواس مختل کر دےے تھے۔ وہ لڑکھڑاتے قدموں سے اٹھ کر کمرے سے باہر نکل گئی۔
٭٭٭
’’میں۔۔۔ بری لڑکی۔۔۔ نہیں ہوں۔‘‘ لفظ بہت ٹوٹ ٹوٹ کر اس کے منہ سے نکلے۔
’’ہم میں سے کوئی بھی برا نہیں ہوتا، بس کبھی کبھی ہماری قسمت بُری ہوجاتی ہے۔‘‘ زینت آرا نے بہت محبت سے کہتے ہوئے سے اپنے ساتھ لگایا۔ اس کی حالت نہایت خراب ہورہی تھی۔ آنکھیں بے تحاشا رونے کے باعث سوج چکی تھی۔ وہ ایسے بچے کی مانند لگ رہی تھی جس کا پسندیدہ کھلونا اس کی اپنی غلطی سے ٹوٹ گیا تھا۔ زینت مسلسل اس کے کندھے کو سہلا رہی تھیں۔ آج سے پہلے وہ جب تک اس سسٹم کو سمجھ نہیں پائی تھی تو یہی زینت آرا اسے اس سسٹم کا سب سے ناکارہ حصہ لگتی تھیں اور جب وہ اس سسٹم کو سمجھ گئی تھی تو زینت آرا ہی سب سے کار آمد حصہ لگ رہی تھیں۔
’’میں نے جب تمہیں پہلی بار دیکھا، تب ہی مجھے اندازہ ہوگیا تھا کہ تم اس جگہ کے لےے ’’مِس فٹ‘‘ ہو، تم بہت معصوم ہو اور کس قدر احمق بھی۔ بہت سی باتیں جو خود بخود سمجھ میں آنے لگتی ہیں، وہی باتیں تمہاری سمجھ میں ہی نہیں آرہی تھیں۔ تم اچھے گھر کی لڑکی ہو، کوئی معاشی مجبوری بھی لاحق نہیں، اس لےے جب تم جاب چھوڑ کر نہیں گئیں تو مجھے تم پر غصہ آنے لگا اور ساتھ ساتھ تجسس بھی۔ میرا خیال تھا کہ تم لڑکیوں کو اس قسم میں سے ہو جو ایڈونچر اور تھرل میں اس فیلڈ کو جوائن کرتی ہیں۔ تمہیں یاد ہے میں نے تمہاری ایک بے ضرر سی غلطی پر تمہیں سب کے سامنے ڈانٹا تھا۔ میرا مقصد تمہیں دل برداشتہ کرنا تھا تاکہ تم خائف ہو کر واپس چلی جائو مگر تم نہیں گئیں۔‘‘ وہ اسے ہر بات سے آگاہ کر دینا چاہتی تھیں۔
’’اس کے بعد تمہاری آنکھوں میں روز بروز میرے لےے نفرت بڑھنے لگی۔ اس کی وجہ بھی مجھے بہت جلد سمجھ میں آگئی۔ تمہاری نگہت سے دوستی ہوچکی تھی۔ وہ سرجن مرتضیٰ کی منظورِ نظر تھی اور وارڈ میٹرن کی چہیتی۔ اس نے دونوں طرف اچھی خاصی پی آر بنا رکھی تھی۔ وہ بہت ابتدا سے نئی نرسز کو میرے اور ان بہت سے دوسرے لوگوں کے خلاف بہکا دیا کرتی جو انہیں غلط راستوںپر نہ چلنے کی تاکید کرتے تھے، پھر میں خود ہی تمہارے سامنے سے ہٹ گئی کیونکہ اگر میٹرن کو پتا چل جاتا کہ میں ’’شر‘‘ پھیلا رہی ہوں تو وہ میری نوکری کی دشمن ہوجاتی۔ میں اس نوکری کے بغیر کچھ بھی نہیں ہوں مریم! میری بچی کی ساری ذمہ داری مجھ پر ہے۔ ایسی صورت حال میں، میں لڑکیوں کو نصیحت ضرور کر سکتی ہوں مگر اس کے علاوہ ان کی کوئی مدد نہیں کر سکتی۔‘‘ ان کی آخری بات پر مریم نے چونک کر ان کی شکل دیکھی۔ اس کا ’’آخری تنکا‘‘ بھی ڈوبتا دکھائی دے رہا تھا۔
’’یہاں اور بھی بہت سے اچھے لوگ ہیں۔ سسٹم مکمل طور پر ناکارہ نہیں ہوا ابھی، مگر تمہارا کیس کچھ مختلف ہے۔ تم بہت بُری طرح پھنس چکی ہو۔ لڑائی دراصل اب میٹرن اور سرجن مرتضیٰ کے درمیان ہے۔ وہ دونوں اپنے اپنے مقصد کے لےے تمہیں استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ سرجن مرتضیٰ ترقی چاہتا ہے جبکہ میٹرن کو ٹرمینیشن کا ڈر ہے۔ اس سے کچھ غلطیاں ہوئی ہیں جن کی پاداش میں اسے کبھی بھی نکالا جاسکتا ہے۔ وہ دونوں اب اسی لےے ان ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ تم کسی سے جا کر شکایت کرو گی تو تمہاری بدنامی کا زیادہ ڈر ہے۔ میٹرن کو تو میں بھی سنبھال سکتی ہوں مگر سرجن مرتضیٰ تو بہت آفت شے ہے۔ اس کے تو بیوی بچے بھی اس کے ساتھ نہیں رہتے کہ ان سے جا کر بات کرلی جائے۔‘‘
زینت آرا خود بھی اس الجھن کی سلجھن ڈھونڈنے میں ناکام ہوگئی تھیں مگر مریم ان کی آخری بات پر قدرے چونکی۔ اس کے ذہن میں اس مسئلے کا ہلکا سا حل نظر تو آیا تھا۔ ماہین مرتضیٰ لڑکی تھی اور اس کے مسئلے کو بخوبی سمجھ سکتی تھی۔
٭٭٭
کال بیل بجانے کے بعد وہ بے صبری سے دروازہ کھلنے کا انتظار کرنے لگی۔ علامہ اقبال ٹائون میں واقع یہ چھوٹا مگر نہایت خوب صورت گھر سرجن مرتضیٰ کی بیوی کا تھا۔ مریم کو یہ گھر ڈھونڈنے میں زیادہ محنت نہیں کرنا پڑی تھی۔ اس نے پہلے فون کر کے گھر کی ملازمہ سے ایڈریس سمجھا تھا اور پھر وہ زینت آرا کے ساتھ یہاں تک چلی آئی تھی، مگر زینت آرا گھر کے اندر جانے کے لےے تیار نہیں تھیں۔ وہ ڈاکٹر عادل کی وجہ سے سرجن مرتضیٰ کی اہلیہ سے ایک آدھ بار مل چکی تھیں کیونکہ ڈاکٹر عادل ان کی اہلیہ کے فرسٹ کزن تھے۔
’’ان دونوں میاں بیوی کے درمیان علیحدگی بھی دراصل ڈاکٹر عادل کی وجہ سے ہوئی تھی۔ جن دنوں ڈاکٹر عادل نے اس ہاسپٹل میں اپنا ہائوس جاب شروع کیا، ان ہی دنوں سرجن مرتضیٰ فارن سے اسپیشلائزیشن کر کے لوٹے تھے۔ سرجن مرتضیٰ کا ذہن شروع سے ہی کچھ مغربی اپروچ رکھتا تھا۔ ان کا چال چلن ابتدا سے ہی مشکوک تھا جسے وہ اپنی شاندار پرسنیلیٹی سے کیمو فلاج کر کے رکھتے تھے۔ ڈاکٹر عادل نے ان کی وائف سے بس دو ایک افیئرز کی داستانیں کہہ ڈالیں، جن کی بنا پر ذرا ساتنازعہ طلاق تک جا پہنچا۔ ان حضرت نے طلاق دینے سے صاف انکار کر دیا۔ وہ بے چاری شریف عورت بچے لے کر الگ ہوگئیں۔ اب تو خیر اپنا کوئی بھلا سا بزنس چلا رہی ہیں۔‘‘ زینت آرا نے اسے بہت تفصیل سے سرجن مرتضیٰ اور ان کے گھریلو حالات کا قصہ سناتے ہوئے بتایا تھا۔
’’جی۔۔۔ آپ کو کس سے ملنا ہے؟‘‘ دروازہ کھلنے کے بعد آواز پہلے سنائی دی تھی اور شکل بعد میں نظر آئی۔ وہ جو کوئی بھی تھیں، کافی پُرنور چہرے والی خاتون تھیں۔ ہلکے فیروزی شلوار قمیص میں سفید کڑھائی والا دوپٹہ اوڑھے شاید جائے نماز سے ہی اٹھ کر آرہی تھیں۔
’’مجھے۔۔۔ وہ مسز مرتضیٰ۔۔۔ ماہین سے۔۔ میرا مطلب ماہین مرتضیٰ سے؟‘‘ ان کی کھوجتی آنکھوں نے مریم کو گڑبڑا دیا۔
’’ماہین بیٹا سے؟ تم کون ہو بیٹی! ماہین کی کوئی نئی دوست ہو؟‘‘ انہوں نے دروازہ پورا وا کر کے استفسار کیا۔ گویا اندر آنے کی اجازت بھی دی تھی اور ساتھ ہی ساتھ انکوائری بھی کر رہی تھیں۔
’’جی۔۔۔ جی میری ان کی زیادہ پرانی دوستی نہیں ہے۔‘‘ وہ ان کے پیچھے چلتے ہوئے بول رہی تھی۔ انہوں نے اسے جس کمرے میں لا کر بٹھایا وہ دیکھنے میں ٹی وی لائونج لگ رہا تھا۔دو ایک دروازے دکھائی دے رہے تھے اور عین درمیان سے سیڑھیاں بھی اوپر جاتی نظر آرہی تھیں۔ مریم ان کے اشارے پر صوفے پر بیٹھ گئی۔ دل عجیب سے انداز میں دھڑک رہا تھا۔ جو بات وہ ماہین سے کرنے آئی تھی، اگر ماہین اس پر یقین نہ کرتی تو پھر مریم کے پاس کوئی جائے پناہ نہیں بچتی۔
’’تمہاری اور اس کی پرانی دوستی ہوتی تو یقینا وہ تمہیں اپنی شادی پر ضرور بلاتی اور تمہیں پتا ہوتا کہ دو روز قبل اس کی شادی ہوچکی ہے۔‘‘ انہوں نے بہت اطمینان سے اس کا اطمینان غارت کیا۔
’’شادی۔۔۔؟ مم۔۔۔ مگر۔۔۔ کچھ روز قبل۔۔۔ وہ ملی تھی، تب تو اس نے کچھ نہیں بتایا تھا۔‘‘ مریم نے بے حد پریشانی کے عالم میں کہا۔ چاہنے کے باوجود بھی وہ گھبراہٹ پر قابو نہیں پاسکی تھی۔ ان خاتون نے اس کے اندز کو بغور دیکھا پھر گہری سانس بھر کر بولیں۔
’’ارے بس یہی تو ملال ہے۔ ہر کام جلدی میں کر دیا بڑی بیگم نے۔ بچی کے دل میں کتنے ہی ارمان تھے مگر بڑی بیگم کو نہ جانے کیا خدشات لاحق تھے۔ فون پر بس ثوبان بیٹے کی آواز سنائی دی۔ یہاں ہمیں بیٹھے بیٹھے بتا دیا کہ مبارک ہو، نکاح ہوگیا ہے۔ اگلے دن بچی کو جہاز پر چڑھا آئیں کہ جائو اپنے میاں کے پاس رہو، وہی تمہیں سنبھال سکتا ہے۔ بڑی بیگم کسی بات کی ٹھان لیں تو پھر کوئی طاقت انہیں نہیں روک سکتی۔ بچی کو لال جوڑا پہننے دیا نہ سنگھار کرنے دیا۔ خیر تم بتائو، خیریت سے آئی تھیں۔ آج کل روز ہی فون کر رہی ہے۔ کہتی ہے، اماں بی! میرا دل نہیں لگ رہا۔ بے چاری وہاں اتنی اداس ہے اور یہاں اماں جان اور بھیا کو پروا ہی نہیں۔ تم بتائو، کوئی پیغام ہے تو میں پہنچادوں گی۔ خوش ہوجائے گی۔‘‘ وہ ماہین کو یاد کر کے سچ مچ آبدیدہ ہورہی تھیں۔ مریم کے جسم سے جان نکلتی جارہی تھی۔ ماہین کے نام پیغام تو بہت اہم تھا مگر وہ یہ پیغام دے نہیں سکتی تھی۔
’’پانی وانی لائوں تمہارے لےے۔ ٹھہرو، میں تمہارے لےے کچھ لاتی ہوں۔‘‘
انہیں شاید بہت دن بعد کوئی جلے دل کے پھپھولے پھوڑنے کے لےے دستیاب ہوا تھا۔ وہ بات مکمل کر کے کچن کی سمت چل دیں۔ مریم نے انہیں روکنے کی کوشش نہیں کی تھی، کیونکہ اسے حقیقتاً بہت پیاس لگ رہی تھی۔ ان کے جانے کے بعد بھی وہ اپنے ہاتھوں کو تکتی رہی۔ قسمت اس کے ساتھ کچھ زیادہ ہی خوف ناک مذاق کر رہی تھی۔ اس کا دل چاہ رہا تھا سب چھوڑ چھاڑ گھر بھاگ جائے پھر اس کے سارے ڈاکیومینٹس جو ایڈمیشن کے وقت رکھ لےے گئے تھے، الائونس میں ملنے والی رقم جو مریم کے لےے تو صرف پاکٹ منی تھی، مگر بہت سی لڑکیوں کے لےے وہ ان کے گھر میں آنے والی واحد کمائی تھی۔ ابتدا میں لیا جانے والا وہ حلف، سرجن مرتضیٰ کی دھمکی، پولیس کا خوف اسے نہ جانے کیا کیا چیز ڈرا رہی تھی۔ اسے بیٹھے بمشکل پانچ منٹ ہی گزرے تھے کہ دھیرے سے گنگنانے کی آواز آئی جو لمحہ بہ لمحہ تیز ہورہی تھی۔ یقینا کوئی گنگناتا ہوا سیڑھیاں اتر کر آرہا تھا۔ مریم مزید چوکنا ہو کر بیٹھ گئی۔ اپنی سیاہ چادر کو اس نے کانوں کے قریب سے مزید آگے کی طرف سرکالیا۔ حالانکہ جو کوئی بھی تھا، اس کی پشت کی طرف تھا۔ چند لمحے بعد مریم نے ایک لمبے مگر دبلے پتلے لڑکے کو اپنے عقب سے ہو کر اسی سمت میں جاتے دیکھا جہاں وہ عمر رسیدہ خاتون تشریف لے گئی تھیں۔ اسے ان دونوں کے بڑبڑانے کی آواز سنائی دی۔
’’تمہیں وہاں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اچھے گھر کی بچی لگتی ہے، کیسے اپنے آپ کو ڈھک کر بیٹھی ہے۔ کیا پتا تمہاری موجودگی پسند نہ کرے۔‘‘ انہی خاتون کی آواز سنائی دی۔ شاید وہ ماہین کی نانی تھیں مگر وہ ماہین کی والدہ کے لےے بڑی بیگم کا لفظ استعمال کر رہی تھیں۔ مریم ان کے اور ماہین کے رشتے کے متعلق زیادہ نہیں جان پائی تھی۔
’’یہ بھی خوب کہی آپ نے۔ میں آپ کو ایسا لڑکا لگتا ہوں اور مجھے دیکھتے ہی ان کی ٹینٹ نما چادر میں شگاف پڑجائیں گے۔ حد کرتی ہیں آپ بھی اماں بی! محترمہ کے بارے میں اچھی طرح سے چھان بین کی ہے کہ نہیں۔ کون ہیں، کہاں سے تشریف لائی ہیں، کس مقصد سے تشریف لائی ہیں؟‘‘ وہ شاید جان بوجھ کر اونچی آواز میں بول رہا تھا۔ ’’اماں بی‘‘ کے نام سے پکاری جانے والی خاتون نے کیا جواب دیا، مریم سن نہیں پائی۔
’’واٹ، ماہین کی سہیلی۔۔۔؟ اماں بی! محترمہ بنا رہی ہیں آپ کو۔ اللہ معافی، میں نے تو ساری زندگی ماہین کی ایسی کوئی سہیلی نہیں دیکھی۔ اتنی دقیانوسی تو اس کی سہیلی کی دادی بھی نہیں ہوں گی۔ دیکھو ذرا لائونج میں بھی اس طرح ٹینٹ اوڑھ کر بیٹھی ہیں، جیسے کسی کے چہلم میں دعا مانگ رہی ہوں۔ ارے اماں بی! مجھے تو یہ فراڈ لگ رہی ہیں۔ ماہین کی سہیلیاں ایسی نہیں ہیں۔‘‘ وہ تیز تیز بول رہا تھا۔ مریم کا دل چاہا وہاں سے اٹھ کر بھاگ جائے۔
’’اچھا اب یہ اپنی بک بک بند کرو۔ سنی بیٹے! ہر ایک کو شکی نگاہ سے مت دیکھا کرو۔ میں یہ دیکھ رہی ہوں چند دن سے بہت بدلے بدلے دکھائی دیتے ہو۔ ارے میرے بچے ہنستے کھیلتے اچھے لگتے ہو۔ شکر کرتی ہوں کہ اب بڑی بیگم سے بھی زبان درازی نہیں کرتے مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ بے وجہ بولتے چلے جائو۔‘‘
اس کے بعد خاموشی چھا گئی ۔ چند لمحوں بعد وہی خاتون اس کے سامنے ایک ٹرے میں جگ اور گلاس لےے کھڑی تھیں۔ مریم نے بس ایک نظر ان کی جانب دیکھا اور پھر دوبارہ سے اپنے ہاتھوں کو تکنے لگی، کیونکہ وہ لڑکا بھی لائونج میں آکر اس کے بالکل سامنے بیٹھ گیا تھا۔ مریم نے اس کا چہرہ نہیں دیکھا تھا مگر شارٹس میں ملبوس ہونے کی وجہ سے اس کی گھٹنوںتک برہنہ ٹانگوں پہ ایک نظر ضرور پڑی تھی۔ اس کے بعد اس نے دوسری نظر نہیں ڈالی، مگر خود اسے محسوس ہورہا تھا کہ وہ اس لڑکے کی گھورتی ہوئی نگاہوں کا مرکز ہے۔
’’پانی پی لو بیٹی!‘‘ شربت سے بھرا ایک گلاس اسے انہی شفیق لہجے والی خاتون نے پکڑایا۔
’’نہیں، اب میں چلتی ہوں۔ آپ کا بہت بہت شکریہ۔‘‘ وہ یک دم ہی اپنی جگہ سے اٹھ کھڑی ہوئی۔ سامنے بیٹھا وہ لڑکا بھی ہڑبڑا کر اٹھا۔
’’آ۔۔۔ آپ۔۔۔ بیٹھے تو۔۔۔ سہی۔۔ پلیز۔۔۔‘‘اس نے عاجزی سے کہا۔ اس کا لہجہ یک دم ہی بدلا تھا۔ مریم نے بہت دقت سے اس کی جانب دیکھا۔ نہ جانے کیوں اس لڑکے کے انداز نے اسے خوف زدہ کر دیا تھا۔ اس کے گورے رنگ پر بڑھی ہوئی شیو، ننھی ننھی چیونٹیوں کی مانند لگ رہی تھی۔ اس کے بال بے حد چکنے ہورہے تھے اور اس نے انہیں پیچھے باندھ رکھا تھا۔ مریم کو یاد آیا کہ یہ لڑکا اس نے شاید پہلے بھی کہیں دیکھا تھا۔
’’آپ ماہین کی فرینڈ ہیں؟ آپ کو پہلے تو کبھی ماہین کے ساتھ نہیں دیکھا۔ آپ۔۔۔ آپ تو شاید نرس ہیں نا۔۔۔ میرا مطلب آپ جاب کرتی ہیں نا؟‘‘
وہ بالکل بدلے ہوئے لہجے میں بات کر رہا تھا۔ مریم نے نظر اٹھا کر اسے دیکھا۔ اس کے چہرے پر عجیب سی خوشی اور اشتیاق پھیلا ہوا تھا۔ اماں بی نے بھی کسی قدر حیرت سے اس کی جانب دیکھا۔ لفظ ’’نرس‘‘ پر وہ بے طرح چونکی تھیں۔
’’ہیں بیٹا! تم نرس ورس ہو کیا؟ ماہین سے کہاں ملاقات ہوگئی تھی تمہاری؟‘‘ جن شکوک کا اظہار وہ لڑکا کچن میں کر رہا تھا، اماں بی ان شکوک کا شکار اب ہونے لگی تھیں۔
’’اماں بی! آپ پہلے انہیں پانی تو دیجےے۔‘‘ اس نے اماں بی سے کہا اور پھر ان کا انتظار کےے بغیر خود اٹھ کر گلاس اسے پکڑا دیا۔
’’آپ پلیز کولڈ ڈرنک پیجئے۔ بائی دا وے، آپ نے مجھے پہچانا۔ آئی ایم سمیع۔۔۔ آپ میرے پاپا کے ہاسپٹل میں ہی ہوتی ہیں نا۔۔۔ میں بلڈ ڈونیشن کے لےے آیا تھا۔ آپ کا نام مریم ہے نا؟‘‘ وہ لہجے میں بے پناہ چاہت سموئے کہہ رہا تھا۔ اس کے انداز لمحہ لمحہ مریم کو مزید محتاط کر رہے تھے۔ اسے یاد آگیا کہ وہ لڑکا جانا پہچانا کیوں لگ رہا ہے۔ یہ وہی لڑکا تھا، جسے ’’لطیفہ‘‘ سمجھ کر اس نے تزئین کو بہت شوق سے سنایا تھا۔
’’آپ کو یاد آیا۔۔۔؟ ہم پہلے مل چکے ہیں نا؟‘‘ وہ امید کا ایک جہان آنکھوں میں بسائے پوچھ رہا تھا مریم نے بمشکل مسکرانے کی کوشش کی۔
’’مجھے پتا ہی نہیں تھا کہ آپ ماہین کی دوست ہیں۔‘‘ وہ مسکراتے ہوئے کہہ رہا تھا۔ وہ سرجن مرتضیٰ کا بیٹا تھا مگر ان کی نسبت وہ کسی قدر معصوم دکھائی دیتا تھا۔ اس کے انداز میں بچپنا بہت زیادہ تھا۔ مریم نے آدھا گلاس اسکواش پینے کے بعد اسے میز پر رکھ دیا۔
’’مجھے جانا ہے۔‘‘ ا س نے بس یہی کہا تھا اور پھر اپنی جگہ سے اٹھ کھڑی ہوئی۔
’’آپ پلیز ابھی مت جائےے۔‘‘ وہ لڑکا اس کے ساتھ ہی اٹھ کھڑا ہوا۔
’’نہیں، مجھے بہت کام ہے۔‘‘
اس نے عجلت میں کہا اور پھر خود ہی باہر کی سمت چل دی۔ سمیع عرف سنی اس کے پیچھے پیچھے تھا جبکہ اماں بی وہیں صوفے پر بیٹھی حیران پریشان ان دونوں کی جانب دیکھ رہی تھیں۔ مریم کا انداز تو حیران کن تھا ہی، سنی کا انداز حیران کن ’’ترین‘‘ تھا۔
٭٭٭
’’اماں بی! میں کیسا لگ رہا ہوں؟‘‘ اس نے قد آدم آئینے میں اپنے سراپے کو تنقیدی نظروں سے دیکھتے ہوئے ان سے دریافت کیا۔ وہ چند منٹ قبل اس کے بیڈ روم میں اسے کھانے کے لےے بلانے آئی تھیں مگر اب اس کی سج دھج دیکھ کر حیران کھڑی تھیں۔ سیاہ ڈنر ٹوپیس میں اپنی لہراتی زلفوں کو اس نے بلو ڈائی کر کے کندھوں پر پھیلا رکھا تھا اپنے پارلر سے وہ خاص طور پر آج فرنچ کٹ بنوا کر آیا تھا۔ اس کے دوستوں کا خیال تھا کہ وہ فرنچ کٹ میں بہت ڈیسنٹ اور مرد لگتا ہے۔ وہ ویسے بھی اپنی ’’لڑکوں‘‘ والی لک سے تنگ تھا۔ اس کا ذاتی خیال تھالڑکیاں لڑکوںکے بجائے مردوں کو زیادہ پسند کرتی ہیں۔
’’میں ڈیشنگ لگ رہا ہوں نا اماں بی!‘‘ اس نے Eternity کی بوتل اٹھا کر اپنے اوپر خوب اسپرے کرتے ہوئے پھر پوچھا۔
’’ارے بیٹا! اس وقت اتنی خوشبو لگائے کدھر جارہے ہو۔ تمہارے بالوں سے تو میں بھی غلط فہمی میں مبتلا ہوجاتی ہوں۔ کسی جن بھوت نے پشت سے دیکھ لیا تو عاشق ہونے میں لمحہ بھر ہی لگے گا بیٹا!‘‘ اماں بی کو کافی سے زیادہ حیرت ہورہی تھی۔ اماں بی کی بات پر اس نے زبردست قہقہہ لگایا جو کہ اس کے اچھے موڈ کی غمازی کررہا تھا۔
’’میں ایک پری کے ساتھ ڈیٹ پر جارہا ہوں، جن بھوت کا چانس ہی نہیں بنتا۔ آپ فکر مت کیجےے۔‘‘ وہ پلٹ کر ان کی طرف دیکھتے ہوئے گویا ہوا پھر اپنا سیل فون اٹھایا، گاڑی کی چابی اٹھائی۔ آئینے میں خود کو ایک بار پھر دیکھا اور دروازے کی سمت بڑھا مگر ایک دم سے دوبارہ پلٹ کر آیا اور اماں بی کے قریب آکر ان کی گردن میں بانہیں حمائل کرتے ہوئے پیشانی کو چوما۔
’’اماں بی! پلیز پلیز امی کو نہیں بتائےے گا۔‘‘ وہ سفارشی انداز میں کہہ رہا تھا پھر ان کے جواب کا انتظار کےے بغیر باہر نکل گیا۔ ’’یہ حادثاتی ڈیٹ‘‘ تو اس کی زندگی میں بغیر کسی منصوبہ بندی کے آئی تھی۔ آج دوپہر کو ماہین کی کسی دیرینہ سہیلی کی صورت میں اس مہربان پری کو دیکھ کر وہ حیران و پریشان ہوگیاتھا۔ ایسا تو اس نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ وہ لڑکی جس کے عشق میں وہ گوڈے گوڈے ڈوب چلا ہے، خود چل کر اس کے گھر آسکتی ہے۔ اس کی تو گویا لاٹری نکلی تھی مگر مریم نے شایداس کے اور اماںبی کے درمیان ہونے والی ساری گفتگو سن لی تھی، تب ہی وہ کافی کنفیوز دکھائی دے رہی تھی۔ سمیع کو پہلی مرتبہ اپنی بڑبولی طبیعت پر غصہ آیا۔ وہ اپنے روےّے کا ازالہ کرنا چاہتا تھا۔ سمیع اسے دروازے تک چھوڑنے آیا۔
’’آپ۔۔۔ ماہین کے بھائی ہیں؟‘‘ اس نے اچانک پوچھ لیا تھا اور سمیع نے اثبات میں سر ہلایا تھا۔
’’سگے بھائی؟‘‘ مریم نے ایک اور سوال پوچھا۔
’’جی۔۔۔ ایک دم سگا بھائی۔‘‘ سمیع نے لہجے میں شرارت سموئی تھی۔
’’مجھے آپ سے بہت ضروری بات کرنی ہے مگر یہاں پر نہیں۔‘‘ اس نے گردن جھکا کر بہت دھیمی آواز میں کہا۔ سمیع کا دل بلّیوں اچھلنے لگا۔ بات تو اسے بھی کرنا تھی۔
’’پھر کہاں پر۔۔۔ کسی ریسٹورنٹ میں۔۔۔ میں آپ کو پک کرلوں گا۔‘‘ اس نے فٹافٹ پروگرام ترتیب دیا۔ بات ڈنر پر منتج ہوئی۔ سمیع نے مریم کا ایڈریس وغیرہ سب پہلے ہی حاصل کر لیا تھا بلکہ وہ تو دو تین مرتبہ ہاسپٹل جا کر اسے دیکھ بھی چکا تھا۔ عشق کا بھوت اس کے سر پرسوار تھا، اسی لےے اب وہ سج دھج کر نئی آن بان سے گھر سے نکلا۔ اس کی ذاتی گاڑی نہیں تھی مگر وہ اپنے پاپا کی گاڑی مانگ کر لایا تھا۔ ہوٹل کا بل ادا کرنے کے لےے کچھ اپنی پاکٹ منی تھی اور کچھ ممی سے منّت سماجت کر کے حاصل کی تھی۔ اس کی جیب میں ٹھیک ٹھاک رقم سے بھرا والٹ، موبائل فون اور بہترین برانڈ کی سگریٹ کی ڈبیا بھی تھی۔ ایک دوست نے کسی اچھے وقت میں یہ گُر کی بات بتائی تھی کہ لڑکیاں سگریٹ پینے والے لڑکوں کو بہت پسند کرتی ہیں۔ وہ بہت دھیمی رفتار سے ڈرائیو کر رہا تھا کیونکہ جو ٹائمنگز سیٹ ہوئی تھیں، اس کے مطابق ابھی کچھ وقت باقی تھا اور پھر ابھی اسے مریم کے لےے بکے بھی لینا تھا۔
٭٭٭
’’مجھے بہت ڈر لگ رہا ہے زینت آپا! میں کیا کروں۔ مجھے کچھ سمجھ میں نہیں آرہا۔‘‘ اس نے تقریباً روتے ہوئے زینت آپا سے فریاد کی۔ وہ جب سے سرجن مرتضیٰ کی اہلیہ کے گھر سے آئی تھی، اسی ایک فقرے کی گردان کر رہی تھی۔ زینت آرا خود سمجھ نہیں پارہی تھیں کہ اس کی مدد کریں تو کیسے کریں۔ میٹرن کو تو انہوں نے مریم کی جھوٹی سچی رشتہ داریوں کے متعلق بتا کر کسی قدر محتاط کر دیا تھا، مگر سرجن مرتضیٰ کا وہ کچھ نہیں کر سکتی تھیں۔ تھک ہار کر یہی حل نظر آرہا تھا کہ ان کے نو عمر بیٹے کو ساری صورت حال سے آگاہ کر کے مدد مانگی جائے۔ مریم اس سے ملاقات کا وقت تو طے کر آئی تھی مگر اب الجھن میں پڑی تھی کہ اس لا ابالی لڑکے کو بتائے تو کیا بتائے۔
’’اسے میری بات سمجھ میں ہی نہیں آئے گی اور سمجھ میں آ بھی گئی تو وہ میری بات کا یقین نہیں کرے گا۔ وہ بدھو سا لڑکا ہے، میں اسے کیسے یہ سب بتائوں گی۔‘‘ اس نے پھر کہا۔ اس کی آنکھیں روتے رہنے کے باعث بہت سرخ ہورہی تھیں اور گوری رنگت پر یہ سرخ آنکھیں اس کے حسن کو مزید دو آتشہ کر رہی تھیں۔
’’تمہارے پاس یہی ایک آخری موقع ہے۔ اس کو بھی گنوادو گی تو پھر کیا کرو گی۔ اچھا چلو میرے کہنے پر ایک بار اس سے بات کر کے تو دیکھو۔‘‘ انہوں نے سرجن مرتضیٰ کے بیٹے کے بارے میں ڈاکٹر عادل سے کافی کچھ سن رکھا تھا۔ انیس سالہ سمیع مرتضیٰ اپنے باپ سے دیوانگی کی حد تک محبت کرتا تھا۔ مریم ان کے کہنے پر بمشکل اٹھی۔ منہ ہاتھ دھونے اور بال باندھنے میں اسے بمشکل دس منٹ لگے تھے۔ وہ اپنی سیاہ چادر اوڑھ کر تیار ہوگئی تھی۔ سوا سات کے قریب اسے بلاوا مل گیا تھا۔
’’آپ کے مہمان آئے ہیں۔‘‘ وہ زینت آرا کی طرف یاس بھری نگاہ ڈالتی باہر کی سمت چل دی۔
سمیع مرتضیٰ فرنٹ سیٹ کا دروازہ کھولے باہر ہی کھڑا تھا۔ اس کی ’’تیاری‘‘ دیکھ کر مریم کو عجیب سی الجھن ہوئی۔ وہ ’’ولیمے کا دولہا‘‘ لگ رہا تھا۔ اس کی طرف دیکھ کر وہ بشاشت سے مسکرایا مگر پھر آنکھوں میں الجھن آمیز مایوسی نے ذرا کی ذرا جھلک دکھائی۔ اس نے مریم کو سر سے پیر تک بغور دیکھا تھا۔ اس کے ہاتھوں میں وائٹ لِلّی کا بوکے تھا۔
’’میں لیٹ تو نہیں ہوا نا؟‘‘ گاڑی کے بالکل قریب پہنچنے پر اس نے پوچھا۔ مریم نے صرف نفی میں گردن ہلائی اور پھر اس کے بڑھے ہوئے ہاتھوں سے وہ بوکے تھام لیا۔
اس نے خود مریم کے لےے گاڑی کا دروازہ کھول کر اسے اند ربٹھایا۔ اپنی نشست سنبھالنے کے بعد اس نے سب سے پہلے کیسٹ پلیئر آن کیا۔ ایک انگلش نمبر دھیمی سی آواز میں بجنے لگا۔ اس نے بہت تیز پرفیوم لگا رکھا تھا۔
’’ایک بات پوچھوں؟‘‘ سمیع نے سگنل پر گاڑی روکتے ہوئے کہا۔ مریم کو اس کے انداز پہلے ہی کچھ چونکا رہے تھے۔ اس سوال نے اسے مزید چونکایا۔
’’آپ ہمیشہ اتنی بڑی بیڈ شیٹ۔۔۔ میرا مطلب اتنی بڑی چادر لے کر باہر نکلتی ہیں؟‘‘ مریم نے اس کی جانب دیکھا، جہاں کسی قدر خفت کی سرخی نمایاں تھی۔ وہ اس پر طنز نہیں کر رہا تھا مگر اس کے حلےے سے عجب سی تذبذب میں گھرا ہوا ضرور نظر آرہا تھا۔
’’آئی ایم سوری۔۔۔ پلیز آپ میری بات کا غلط مطلب مت لیجےے گا۔ آپ اس طرح بھی بہت اچھی لگ رہی ہیں۔‘‘ وہ جلدی سے بولا۔ مریم خاموشی سے اس کی بات سنتی رہی۔ باقی کا راستہ خاموشی سے کٹا۔ وہ دل ہی دل میں الفاظ ترتیب دیتی رہی۔
گاڑی ایک وسیع و عریض ہوٹل کے سامنے جا رکی تھی۔ مریم نہیں جانتی تھی، وہ کون سا ہوٹل ہے مگر اس کے باہر ایک بڑا سا پارکنگ لاٹ اور وہاں گاڑیوں کی لمبی قطار ثابت کر رہی تھی کہ کوئی شاندار جگہ ہے۔ سمیع نے پارکنگ لاٹ میں بڑی مشکل سے جگہ حاصل کی تھی، لیکن جب دروازہ کھول کر باہر اترنے کی باری آئی تو مریم نے گھبرا کر کہا۔
’’مم۔۔۔ میں اندر نہیں جائوں گی۔ ہم یہیں بات کر لیتے ہیں۔‘‘
’’آپ اتنا گھبرا کیوں رہی ہیں مریم! اندر چل کر بیٹھتے ہیں۔ اطمینان سے بات کریں گے۔ فکر مت کیجےے میں آپ کو کھا نہیں جائوں گا۔‘‘ اس کے لہجے میں شوخی در آئی۔ اس شوخی کا مفہوم مریم کے لےے قطعاً ناقابل فہم تھا۔ وہی خوف جو اس کے دل میں سرجن مرتضیٰ کے حوالے سے تھا، ایک دم ہی سمیع مرتضیٰ سے ویسا ہی خوف محسوس ہوا۔
’’نہیں، آپ واپس چلےے۔ پلیز آپ واپس چلےے۔‘‘ مریم نے منّت بھرے لہجے میں کہا۔ سمیع نے الجھ کر اس کی جانب دیکھا۔
یہ کیسی ڈیٹ تھی جس میں لڑکی نے ایک بار بھی مسکرا کر اس کی طرف نہیں دیکھا تھا، اس کی تیاری کی تعریف کی تھی نہ ہی اس کے لائے ہوئے پھولوں کو سراہا تھا۔ وہ تو گھر سے نہ جانے کتنے پلان بنا کر آیا تھا مگر یہاں تو سب کچھ الٹ پلٹ ہورہا تھا۔
’’لڑکیاں نخرے بہت کرتی ہیں۔ آرام سے کبھی اپنے دل کی بات نہیں کہتیں۔ ایک لڑکی آئی لو یو کہنے میں جتنا وقت لیتی ہے، ایک لڑکا اتنی دیر میں کسی دوسری لڑکی سے شادی کر کے ابا جان بھی بن چکا ہوتا ہے۔‘‘ اسے کاشف سے یہ بات خاص طور سے بتائی تھی۔ سمیع نے گہری سانس بھر کر مزید کوئی استفسار کےے بغیر گاڑی واپس موڑلی۔ اسے کاشف کی بات کا یقین آتا جارہا تھا۔ وہ چاہ رہا تھا مریم کچھ تو بولے کہ بہرحال یہ ’’ڈیٹ‘‘ اس کے کہنے پر ارینج کی گئی تھی، مگر وہ خاموش تھی بادل نا خواستہ وہ بھی خاموش تھا۔ گاڑی اس نے دوبارہ وہیں جا کر روکی، جہاں سے مریم کو پک کیا تھا۔ مریم اب بھی گاڑی میں ہی بیٹھی رہی۔ اپنی انگلیوں کو مروڑتی وہ عجب شش و پنج میں گھری تھی۔
’’مجھے ۔۔۔ آئی ایم سوری۔۔۔ میں نے آپ کا قیمتی وقت۔۔ ضائع کیا۔‘‘ وہ اس کی طرف دیکھے بغیر بات کر رہی تھی۔
’’اوہ کم آن مریم! میں پزیذیڈنٹ نہیں ہوں کسی مل کا، اور میرا وقت بھی بالکل قیمتی نہیں ہے۔‘‘ اس نے سر جھٹک کر کہا۔ مریم نے سر اٹھا کر اس کی جانب دیکھا۔ اس کے نقوش میں سرجن مرتضیٰ کی شباہت تھی۔ وہ ماہین مرتضیٰ کی طرح باتونی نہیں تھا بلکہ وہ کسی قدر معصوم اور کھلنڈر سا لڑکا لگتا تھا۔ مریم اس سے اس کے والد محترم کے بارے میں کیسے بات کرتی۔
’’میں جانتا ہوں آپ کو مجھ سے کوئی بات کرنی ہے۔ ان فیکٹ بات تو مجھے بھی کرنی ہے۔ اینڈ آئی ایم شیور، ہمیں ایک دوسرے سے ایک ہی بات کرنی ہے۔ مجھے بھی آپ ہی کی طرح ۔۔۔ یو نو۔۔ میں بھی تھوڑا۔۔۔ کانشس ہورہا ہوں۔‘‘ وہ کندھے اچکا کر مسکراتے ہوئے بولا۔ مریم نے پوری آنکھیں وا کر کے اس کی جانب دیکھا، وہ کیا کہنے والا تھا۔
’’آپ کچھ مت کہےے، میں بھی کچھ نہیں کہتا۔ بس مجھے اتنا بتا دیجےے کہ آپ میرے اسٹیبلش ہونے کا انتظار کرلیں گی؟‘‘ اس نے آخری بات بہت تیزی سے کہی۔ مریم اس نئی افتاد پہ حیران پریشان ہونقوں کی طرح منہ اٹھائے اس کی جانب دیکھ رہی تھی۔
’’ویسے تو ممی کی سب دولت میری ہے، پاپا کا بھی سب کچھ میرا ہے لیکن پھر بھی میں ابھی شادی نہیں کر سکتا۔‘‘ وہ مزید کہہ رہا تھا۔ اس سے زیادہ سننے کی مریم میں ہمت نہیں تھی۔ وہ بے وقوف سا لڑکا بات کو کہاں سے کہاں لے گیا تھا۔
’’آپ۔۔۔ آپ میری بات سمجھے نہیں۔‘‘ اس نے وضاحتی انداز میں لب کھولے، مگر پھر بھی کچھ کہہ نہ پائی۔ لا تعداد آنسو پلکوں کی باڑ توڑنے کو بے تاب تھے۔ اس نے دو نوں ہاتھوں میں چہرہ چھپا کر رونا شروع کر دیا اور لفظ ٹوٹ ٹوٹ کر اس کے لبوںسے نکلنے لگے۔ اب بھی وہ خاموش رہتی تو نہ جانے مزید کیا نقصانات ہوتے۔
سسکیوں کے درمیان اٹک اٹک کر وہ اسے سب کچھ بتاتی چلی گئی۔
’’آپ جھوٹ بول رہی ہیں، بکواس کر رہی ہیں آپ!‘‘ سمیع مرتضیٰ نے اس کی بات مکمل ہونے سے پہلے ہی چلّا کر کہا۔ اس کا چہرہ بے انتہا سرخ ہورہا تھا۔ یقینا وہ ضبط کی آخری منزل پہ تھا۔
٭٭٭
’’مے آئی کم ان پاپا!‘‘ اس نے ذرا سی گردن دروازے سے اندر کرتے ہوئے اجازت طلب کی۔ مرتضیٰ احسن کسی ایکسرے رپورٹ کو دیکھ رہے تھے۔ اسے دیکھ کر بری طرح چونکے۔ فوراً گھڑی کی جانب نظر کی۔اس وقت تو وہ کبھی بھی ان سے ملنے ہاسپٹل نہیں آتا تھا۔
’’آئو ینگ مین، اندر آجائو۔ تمہیں کب سے اجازت کی ضرورت پڑنے لگی۔‘‘ انہوں نے بشاش لہجے میںکہا۔ سمیع کمرے میں داخل ہوگیا۔ انہوں نے حیرانی سے اس کے حلےے کا جائزہ لیا۔ اس نے خود کو اس حلےے میں ڈھالنے کے لےے یقینا ٹھیک ٹھاک محنت کی تھی۔
’’بہت ہینڈسم لگ رہے ہو۔‘‘ انہوں نے مسکرا کر اس کی تعریف کی مگر وہ مسکرایا تک نہیں۔ اس کی آنکھوں میں ناقابل فہم قسم کے تاثرات تھے۔ وہ خاموشی سے ان کے مقابل بیٹھ گیا۔
’’ماہین کے نکاح کا فنکشن کیسا رہا سنا؟سنا ہے تمہاری ممی نے بہت رقم خرچ کی ہے۔ جھوٹے منہ ہمیں بھی انوائٹ کرلیتیں۔ ان کے خزانے میں کوئی کمی تو واقع نہ ہوتی اور پھر ماہین کو دیکھو، جاتے ہوئے ایک بار مجھ سے مل ہی لیتیں مگر وہ بھی اپنی ممی کی طرح مجھے کچھ خاص پسند نہیں کرتی۔‘‘ وہ شکوہ کناں انداز میں کہہ رہے تھے۔ سمیع نے ان کی بات کی تائید کرنے کے بجائے خاموش رہنا مناسب سمجھا۔ اس کے اندر اتھل پتھل مچی ہوئی تھی۔ مریم چوہدری نے اسے جو کچھ بتایا تھا، وہ بہت شرم ناک تھا اس کے پاپا کے بارے میں اس کی ممی کی رائے ہمیشہ ہی کچھ مشکوک رہی تھی۔ عادل بھائی سے اس نے کئی مرتبہ اپنی ممی اور پاپا کے بیچ موجود اصل تنازعے کی بابت پوچھا مگر انہوں نے بھی اسے ہمیشہ ٹال دیا تھا۔
’’تمہاری ماں میں بہت برداشت ہے بیٹا! مگر کچھ باتیں عورت کبھی برداشت نہیں کر تی۔‘‘
اماں بی نے ایک بار اس سے کہا تھا اور تب وہ ان کی بات بالکل بھی نہیں سمجھا تھا۔ اس کے پاپا اتنے قابل، اتنے ڈیشنگ، انتہائی شاندار انسان تھے۔ ان میں کوئی ایسی خامی نہیں تھی جسے ناقابل برداشت کہا جاتا۔ وہ آج تک اپنی ممی کو ہی ناقابل برداشت سمجھتا تھا جو انتہائی جذباتی عورت تھیں۔ انہیں ہمیشہ یہ خوف لاحق رہتا تھا کہ ان کا بیٹا انہیں چھوڑ کران کے سابقہ خاوند کے ساتھ رہنے لگے۔ سمیع ہمیشہ سوچتا تھا کہ اس کی ممی صرف اس لےے خائف ہیں کہ وہ غلطی پر ہیں۔ اگر وہ غلط نہ ہوتیں تو اس قسم کے خدشات کا شکار کیوں ہوتیں۔
’’تمہاری طبیعت تو ٹھیک ہے۔ اس طرح سے میری طرف کیا دیکھ رہے ہو؟‘‘ انہوں نے سمیع کی آنکھوں میں پھیلی سرد مہری کو دیکھتے ہوئے پوچھا۔
’’یس۔۔۔ آئی ایم فائن۔۔ آپ کیسے ہیں؟‘‘ اس نے شہادت کی انگلی سے میز کی ہموار سطح کو کھرچتے ہوئے کہا۔
’’میں بھی ٹھیک ہوں۔ یہ کیس ہسٹری اسٹڈی کر رہا تھا۔ یہ بہت ہی کمپلیکیٹڈ کیس ہے۔ میری زندگی میں تو بس یہی کچھ رہ گیا ہے۔ آج کی رات اسی کیس کو اسٹڈی کرتے گزر جائے گی۔ کبھی کبھی تو شکر کرتا ہوں کہ لوگ ہڈیوں کے عارضے میں بکثرت مبتلا ہوتے ہیں، وگرنہ زندگی میں میرے پاس تو کرنے کے لےے کچھ نہ ہوتا۔ میرا تو وقت ہی نہ گزرتا۔‘‘ انہوں نے ہمیشہ کی طرح لہجے میں تمام تر محرومی کو سموتے ہوئے دکھڑا رو دیا۔
’’میں خود بھی اکثر یہی سوچتا ہوں کہ آپ کا وقت گزرتا کیسے ہوگا؟‘‘ اس نے سابقہ انداز میں کہا۔ اب کی بار مرتضیٰ احسن دل ہی دل میں کچھ جزبز ہوئے۔ سمیع بات بہت سادہ کر رہا تھا مگر اس کا انداز قطعاً سادہ نہیں تھا۔
’’اچھا اب میرے بارے میں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں بس دس منٹ میں یہاں سے آف ہورہا ہوں پھر کسی اچھی جگہ ڈنرکے لےے چلتے ہیں۔‘‘ انہوں نے اسے تسلی دی۔ سمیع نے گہری سانس بھری۔ اس کا باپ اس کے سامنے تھا اسے ان کے چہرے پہ ہمیشہ ایک تازگی، ایک نور بکھرا نظر آتا تھا جو بہت خوش قسمت لوگوں کے چہرے پر ہوتا ہے۔ وہ اس چہرے سے بہت محبت کرتا تھا۔ یہ وہ چہرہ تھا جو اسے زندگی میں کسی مقام پر مایوس نہیں ہونے دیتا تھا اور اب یہی چہرا اسے یک دم سیاہ کیوںلگنے لگا تھا۔ تمام تر وجاہت و وقار کے باوجود ان کا سراپا یک دم دھندلا کیوں ہورہا تھا۔ اس کی ممی تمام زندگی اشاروں میں بہت کچھ بتانے کی کوشش کرتی رہیں، مگر اسے کبھی یقین نہ آیا اور گھنٹہ بھر پہلے ایک لڑکی نے آنسوئوں کی روانی میں اسے جو کچھ بتایا تھا، وہ نظر انداز کےے جانے کے قابل نہیں تھا۔
’’پاپا مجھے۔۔۔ آپ کے ساتھ ڈنر نہیں کرنا۔‘‘ اس نے قطعیت سے کہا۔ مرتضیٰ احسن نے استفہامیہ انداز میں اس کی جانب دیکھا۔
’’مجھے آپ کے ساتھ۔۔۔ ایک بات کرنی ہے۔۔۔ بہت ضروری۔‘‘ وہ اب کی بار ان کی جانب دیکھ کر بات نہیں کر پایا تھا۔ وہ گناہ گار نہیں تھا مگر شرمساری اسے اس طرح گھیرے ہوئے تھی جیسے وہی گناہ گار ہے۔
’’مجھے آپ کو کسی سے ملوانا ہے۔‘‘ اس کی بات پرمرتضیٰ احسن نے مسکرا کر اسے دیکھا۔ اس کا کوئی افیئر چل رہا تھا، یہ بات تو وہ جانتے ہی تھے۔
’’شیور۔۔۔ وائی ناٹ ڈیئر! تمہاری خاطر میں کسی سے بھی مل سکتا ہوں۔‘‘ انہوں نے بہت محبت سے کہا۔
’’پاپا! میں شادی کرنا چاہتا ہوں۔ میں نے لڑکی بھی پسند کرلی ہے۔ اندر آجائےے مریم!‘‘ اس کی آواز مزید دھیمی ہوئی تھی۔ لہجے میں نمی کی آمیزش تھی۔ مرتضیٰ احسن نے اسے چونک کر دیکھا۔ وہ اپنی جگہ سے اٹھا اور دروازے کی سمت چل دیا۔ دروازہ کھول کر اس نے کسی کو اندر آنے کے لےے کہا۔
’’پلیز مریم! اندر آجائےے، کوئی آپ کو کچھ نہیں کہے گا اور اگر کوئی آپ کو کچھ کہے گا تو میں اس کے ہاتھ توڑ دوں گا۔‘‘ آخری بات اس نے ان کی جانب دیکھ کر کہی تھی۔ کمرے کے اندر آنے والی شخصیت کو دیکھ کر وہ اپنی جگہ سے کھڑے ہوگئے ان کو لگنے والا حیرت کا جھٹکا بہت شدید تھا۔
’’پاپا! میں مریم سے شادی کرنا چاہتا ہوں، آپ ان کو بخوبی جانتے ہیں۔ مجھے امید ہے آپ کوئی اعتراض نہیں کریں گے، لیکن مریم کو ذرا سا اعتراض ہے۔ آپ کے کسی دوست کو کچھ دن۔۔۔ کے لےے مریم کی ضرورت۔۔۔‘‘ وہ اپنی بات مکمل نہیں کرپایا تھا جبکہ مرتضیٰ احسن ہکا بکا ہو کر اس کی جانب دیکھ رہے تھے۔
’’مریم کی ضرورت ہے نا آپ کے دوست کو۔۔۔ آپ ہی کی عمر کا ہوگا نا وہ۔ میں نے مریم سے کہہ دیا ہے، وہ آپ کے دوست کے پاس جا سکتی ہے۔ جا سکتی ہے نا پاپا! بولےے نا پاپا!‘‘ اب کی بار شاید اس کی آنکھ سے آنسو ٹپکے تھے۔
’’کیا بکواس ہے یہ سب۔ تم کیسی باتیں کر رہے ہو۔ کون ہے یہ لڑکی۔ دو ٹکے کی نرس۔ یہ مجھ پر تہمت لگا رہی ہے۔‘‘ وہ چلّا کر بولے۔
’’پاپا! میں۔۔۔ آپ کو ایسا نہیں سمجھتا تھا۔ آپ ایسے تو نہیں تھے پاپا! یہ تو آپ کی بیٹی کے جیسی ہے۔ یہ تو آپ کے لےے ماہین کے جیسی ہے۔ ماہین کہتی تھی، آپ اسے اچھے نہیں لگتے۔ آپ کی موجودگی میں اسے الجھن ہوتی تھی۔ کیا اسے بھی ایسی ہی الجھن ہوتی ہوگی جیسی مریم کو آپ کی موجودگی میں ہوتی ہے۔ کہےے نا پاپا!‘‘ وہ رونے لگا تھا۔ اچھا خاصا لمبا چوڑا لڑکا روتا ہوا کس قدر عجیب لگ رہا تھا۔
’’یہ بکواس کر رہی ہے سنی! میرے بیٹے۔۔۔ یہ چالاک عورتیں تم ان کی چالاکی کو نہیں سمجھ سکتے یہ۔۔۔‘‘
مرتضیٰ احسن کی خود سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کو کس طرح وضاحت دیں۔ وہ صفائی سے مکر گئے تھے۔ انہوں نے مریم کی کہانی کو گھڑا ہوا افسانہ قرار دیا تھا مگر کب تک۔۔۔ وہ بہت دیر تک سمیع کے سامنے ڈٹے نہیں رہ سکتے تھے۔ وہ ان کے سامنے بیٹھا بلک بلک کر رو رہا تھا۔ نفس کے مارے ہوئے، برائی کی ذلت سے مالا مال شخص کو بیٹے سے محبت تھی، اسی لےے اس نے اب تک خود کو بیٹے کے سامنے دیوتا بنا کر پیش کیا ہوا تھا اور اب سیاہ چادر میں لپٹی سفید لباس میں ملبوس مسیحائی کی علامت ایک نرس ان کے سارے جھوٹے وقار کو لمحہ بھر میں مٹی میں ملا گئی تھی۔ انہیں بازی کے اس طرح پلٹ جانے کی امید نہیں تھی۔ ان کا بیٹا ان کے حریف کے روپ میں ان کے سامنے آکھڑا ہوا تھا۔ مریم چوہدری نے ان دونوں کی جانب دیکھا۔
’’شیطان کے یہاں ہمیشہ ہی شیطان جنم نہیں لیتا۔‘‘ اس نے اپنی نم آنکھوں کو صاف کیا۔ اس کا مسئلہ کسی اور کا مسئلہ بن چکا تھا۔ وہ ان دونوں کو چھوڑ کر کمرے سے باہر نکل گئی ۔
٭٭٭
اس بات کو تقریباً ساڑھے تین سال کا عرصہ گزر چکا تھا۔ ان ساڑھے تین سالوں میں اس کہانی سے جڑے تمام افراد کی زندگی میں کسی قدر سکون آچکا ہے۔ مریم چوہدری جو اسی روز واپس اپنے گھر بھائی پھیرو چلی گئی تھی، اس کے لےے وہ خوف ناک چھوٹا سا حادثہ ہی کافی تھا۔ اس کے سارے عزائم، سارے خواب پل بھر میں خاک ہوگئے تھے۔ اس نے اگر چہ بھائی پھیرو جانے سے قبل تمام باتوں کو اپنے اندر دفن کر دیا تھا مگر پھر بھی اس کی ذہنی حالت کافی مخدوش تھی۔ اس نے حیدر کو سب واقعات مکمل تفصیل کے ساتھ بتادےے تھے۔ اس کی اور حیدر کی شادی ہوچکی ہے اور وہ اپنے گھر میں خوش و خرم زندگی گزار رہی ہے۔
تزئین بخاری اپنے شوہر کے ساتھ دمام میں مستقل سیٹل ہوچکی ہے۔ اس کے دل میں اگر چہ اپنی ماں سے چھپ کر کورٹ میرج کرنے کا ملال باقی ہے، مگر پھر بھی وہ مطمئن ہے کیونکہ اگر وہ ایسا نہ کرتی تو اس کی شادی بھی اس کی بہن کی طرح ایک ادھیڑ عمر شخص کے ساتھ کردی جاتی۔
روبینہ یاسمین کو نرسنگ کا چار سالہ کورس مکمل کےے ایک سال ہوچکا ہے۔ وہ اب بھی وہیں ہے۔
سمیع مرتضیٰ آج کل سڈنی میں ہے۔ اس کی زندگی میں بہت ٹھہرائو آچکا ہے۔ وہ پہلے کی طرح غیر ذمہ دار اور کھلنڈرا نہیں رہا۔ اس کی ممی بھی اس کے ساتھ سڈنی میں ہوتی ہیں۔ انہیں اپنے بیٹے پر فخر ہے۔ گزشتہ ساڑھے تین سالوں نے اسے ایک فرماں بردار بیٹے کے روپ میں ڈھال دیا ہے۔ اس کی ممی کو اپنے ان بے جا خدشات پر ہنسی آتی ہے جو انہوں نے خوامخواہ سمیع کے حوالے سے پال رکھے تھے۔ وہ بھی اپنے پاپا سے اتنی ہی نفرت کرتا ہے جتنا کہ اس کی ممی۔
سلطانہ (میٹرن) کا چند دن پہلے بائی پاس ہوا ہے۔ ڈاکٹرز بہت زیادہ پرامید نہیں ہیں۔ تمام تر کوشش کے باوجود ان کی صحت میں کوئی بہتری نہیں آپارہی۔ ان کے گھر میں ان کے لےے بہت ’’پڑھائی‘‘ ہورہی ہے مگر پڑھائی بھی ادویات کی طرح بے اثر ہے۔
سرجن مرتضیٰ اب بھی اس ہاسپٹل کے ایک اہم ستون گردانے جاتے ہیں۔ وہ اب بھی اتنے ہی شاندار ہیں جتنے کہ ساڑھے تین برس پہلے تھے۔ ان کو دیکھ کر یقین آجاتا ہے کہ کچھ لوگوں کا وقت بھی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ وہ اب بھی اسی طرح پارٹیز میں شرکت کرتے ہیں اور سوشل سرکل میں موو کرتے ہیں جیسے پہلے کرتے تھے۔ ان سے کسی کو شکایت نہیں ہے، سوائے ان سائیکوتھراپسٹ کے جن کی ہدایات پر سرجن مرتضیٰ بالکل عمل نہیں کرتے۔ سرجن مرتضیٰ کو رات بھر نیند نہ آنے کی بے ضرر سی بیماری ہے، جس کا اثر ان کی آئی سائٹ پر پڑا ہے اور اب انہیں زیادہ موٹے عدسے والا چشمہ استعمال کرنا پڑتا ہے مگر ایسی باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ان کی رسّی اللہ نے ابھی تک ڈھیلی رکھی ہوئی ہے۔
زینت آرا ابھی تک اسی ہاسپٹل میں ہیں۔ ان کے عزم اور حوصلے میں رتّی برابر فرق نہیں آیا۔ وہ آج بھی نئی آنے والی اسٹوڈنٹ نرسز کے لےے مشعل راہ ہیں۔ وہ آج بھی چھوٹے چھوٹے دیہاتوں سے آنے والی لڑکیوں کو بڑے بڑے مصائب سے بچانے کی کوشش کرتی ہیں۔ ان کے پاس بہت سے روپے نہیں ہیں مگر وہ رات کو بہت پرسکون نیند سوتی ہیں۔ ایسی نیند جو بہت نصیب والوںکو نصیب ہوتی ہے۔
ان سب چیزوں کے علاوہ جو چیز ابھی تک ویسی کی ویسی ہے،وہ ہے نرسنگ کے پروفیشن اور نرسز کی طرف ہمارا عمومی رویہ۔ جی ہاں، ہم سب کا رویہ۔ ہم آج بھی نرس کو سسٹر کہتے ضرور ہیں، مگر اسے سسٹر والی عزت نہیں دیتے۔ حالانکہ ایک نرس اتنی ہی قابل عزت ہے جتنا کہ ایک ڈاکٹر۔
ہم ایک ڈاکٹر کی تو عزت کرتے ہیں مگر ایک نرس کی عزت ہم سے نہیں ہوتی۔ حالانکہ یہ ایک عام فہم سی بات ہے کہ جیسے سب ڈاکٹرز اچھے نہیں ہوسکتے، اسی طرح سب نرسز بھی بری نہیں ہوتیں۔ کم عمری میں اس فیلڈ کو جوائن کرنے والی معصوم کلیوں کی مانند نازک لڑکیاں جب اپنی اپنی مجبوریوں کی گٹھڑیاں سمیٹے یہاں آتی ہیں تو ان کو بہکانے کے لےے آسمان سے فرشتے نہیں آتے بلکہ ان کے ارد گرد موجود لوگ ہی یہ فریضہ سر انجام دیتے ہیں مگر ایک بات ہم سب دھڑلے سے کہتے ہیں کہ ’’نرسیں اچھی نہیں ہوتیں۔‘‘ ہم ایک بار بھی نہیں سوچتے کہ نرس نہ ہو تو مریض کی دیکھ بھال کون کرے۔ ایم بی بی ایس کر کے پانچ پانچ سال کتابوں کی دنیا میں غرق رہنے والے میڈیکل آفیسرز جب ہائوس جابز کے لےے ہاسپٹلز میں قدم رکھتے ہیں تو انہیں آپریشن تھیٹر کے اندر وہ ایک عام سی قینچی پکڑنے کے لےے بھی نرس کے محتاج ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود ایک نرس کبھی بھی ایک ڈاکٹر کے جتنی قابل عزت نہیں ہوتی۔ دراصل قصور ہم سب کا ہے۔ ہم ڈاکٹر کو باوقار سمجھ کر عزت دیتے ہیں تو ہمیں اس کی مددگار کو بھی اتنی ہی عزت دینی چاہےے تاکہ ایک باوقار پروفیشن کو تمام تر غلاظت سے پاک کیا جاسکے کیونکہ اچھے لوگ ہر جگہ ہوسکتے ہیں، جوہڑ کے کنول کی طرح۔
یہ کہانی اپنے ادھورے اختتام کے ساتھ یہیں ختم ہوجاتی ہے۔ شاید کچھ کہانیاں بہت جلد اختتام تک نہیں پہنچ پاتیں، ان کو ختم کرنے کے لےے انتظار کرنا پڑتا ہے۔ آئےے ہم سب مل کر انتظار کرتے ہیں۔
٭٭٭









