یہ سلسلے زندگی کے – کنیز نبوی

ساون برسے خوشیوں کے سنگ - فاخرہ جبیں 2

زندگی کا فلسفہ بھی عجیب ہے، انسان جینے کی تگ و دو میں بھاگتے بھاگتے تھک جاتا ہے، پھر بھی جینا چاہتا ہے،زندگی کی کشش مرتے دم تک اسے اپنی طرف کھینچتی رہتی ہے۔ زندگی کی ساری بدصورتیوں کے باوجود وہ اس کشش کے دائرے سے نکل نہیں پاتا۔

وہ ماروی مرتضیٰ بھی زندگی کی مشقّت سے اب تھکنے لگی تھی۔ مگر جینا چاہتی تھی صرف اپنے لےے ہی نہیں دوسروں کے لےے بھی، یہ ملازمت پہلے اس کی ضرورت تھی پھر عبادت بن گئی تھی، گائوں گائوں، گلی گلی جا کر لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا اب اس کا محبوب مشغلہ بن چکا تھا۔

چھوٹے بڑے مسائل میں گھرے لوگوں کووہ جینے کی آس دلاتی تھی۔ ان کو سمجھاتی تھی کہ کوشش اور مسلسل کوشش سے وہ اپنی تقدیریں سنوار سکتے ہیں۔ اپنے مقدر بدل سکتے ہیں، اپنی محنت سے اپنی جستجو سے اپنی زندگیوں میں آسانیاں لا سکتے ہیں اور وہ اس جستجو میں ان کی معاون ہوگی۔

’’کچھ آپ کوشش کریں، کچھ ہم آپ کی مدد کریں تو کامیابی کی منزل دور نہیں۔‘‘

وہ ہر تنظیمی میٹنگ میں تنظیم کی ممبران کو یہی سمجھاتی تھی۔ مشورے دیتی تھی۔ اس نے دیہی علاقوں کی خواتین کو ہنر سکھانے کی طرف توجہ دی تھی۔ اور ان کی محنت کا مناسب معاوضہ دلانے کی کوشش کر رہی تھی۔

دو سو سے زائد خواتین کی تنظیمیں مختلف علاقوں میں وہ خود بنا چکی تھی۔ جو کامیابی سے چل رہی تھیں، وہ ان کے مسائل کے حل کے لےے ترقیاتی اسکیمیں دیتی تھی، جس کا بیس فیصد اس گائوں کے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت دیتے، باقی 80 فیصد فنڈ وہ اپنی این جی او کے ترقیاتی فنڈ سے جاری کرواتی۔

کئی گوٹھوں میں ایسا بھی ہوا کہ وہاں کی غریب آبادی میں بیس فیصد اخراجات دینے کی بھی سکت نہ ہوتی تو اس نے چندہ کر کے ان کے بیس فیصد اخراجات کی ادائیگی کروائی تھی، اس کی کوشش سے بہت سارے گوٹھوں میں ڈرینج سسٹم کا انتظام اور گلیاں پکی ہوئی تھیں، جہاں زیرِ زمین پانی میٹھا نکلتا وہاں تنظیموں کو ہینڈ پمپ بھی فراہم کےے گئے تھے، کورسز کروائے تھے، جہاں مشینوں میٹریل اور ٹرینر کا انتظام اس کے ذمے تھا۔ بہت معمولی فیس دو سو روپے کی تھی جو گائوں کی عورتوں کے لےے قابلِ قبول ہوتی، اسی طرح سے بہت سارے گائوں میں اس نے سلائی مشینیں بھی فراہم کی تھیں۔ جس کی بیس فیصد تنظیم کی ممبران اور اسّی فیصد رقم تنظیم کی آرگنائزر کی طرف سے ادا کی جاتی تھی۔

اس کی ہر کوشش میں اس کی درد مندی اور مخلصی متاثر کن تھی۔ جب بھی ملک گیر سیمینار ہوتے تو اس کی کامیابیوں کی مثالیں بیان کی جاتیں۔ ان سیمینارز کے لیکچرز میں اسے بیسٹ آرگنائزر کے خطاب سے پکارا جاتا۔ وہ اپنے کام سے کام رکھنے والی سوشل آرگنائزر تھی۔ اپنے افسران اعلا سے بھی بہت لےے دےے والا رویہ رکھتی۔ مگر دو ماہ پہلے آنے والے اس ڈسٹرکٹ منیجر کی نظریں بہت واہیات تھیں۔ تین بار وہ مختلف ترقیاتی اسکیموں کی منظوری کے سلسلے میں اس سے ملنے گئی تھی، اور تینوں بار اپنے ریجنل منیجر کو ساتھ لے گئی تھی۔ تاکہ اس کی موجودگی کی وجہ سے اسے کچھ الٹی سیدھی باتیں کرنے کا حوصلہ نہ پڑ سکے۔

اس بار اس کے پروجیکٹ کے لےے فنڈز کی ضرورت زیادہ تھی، اس کا ارادہ ہنر سکھانے کا اک ادارہ کھولنے کا تھا تاکہ عورتیں ہنر سیکھ کر گھر بیٹھے کڑھائی کر کے اپنے معاشی حالات بہتر بنا سکیں۔

اور پھر این جی او کے ذریعے بڑے شہروں میں بوتیک کھول کے ان کے بنائے ہوئے کپڑے فروخت کےے جاسکیں۔

یہ منصوبہ دو سال سے اس کے ذہن میں تھا جب وہ اسلام آباد میں سیمینار میں شرکت کرنے گئی تھی تو اس منصوبے کو مرکزی دفتر جا کر پیش کیا تھا۔

وہاں سے اسے ضلعی دفتر رابطہ کرنے کو کہا گیا تھا آج وہ اسی سلسلے میں اپنے ڈسٹرکٹ منیجر سے ملنے گئی تھی۔ جہاں اس کی معنی خیز باتوں نے اسے بے حد پریشان کر دیا تھا۔ اس نے یہ پریشانی ظاہر تو نہیں ہونے دی مگر اندر ہی اندر وہ خود کو بہت بے بس محسوس کر رہی تھی۔

’’مس ماروی! سنا ہے آپ غریبوں پر بڑی مہربان ہیں، کچھ مہربانی کبھی ہم پر بھی کر دیں۔‘‘ پینتالیس سالہ سجاد علی نے اپنی خمار آلود نگاہیں اس پر گاڑ کے کہا تھا۔

’’سر! ہم کیا، ہماری مہربانی کیا، وہ غریب لوگ ہیں۔ انہیں ہماری مدد کی ضرورت ہے۔‘‘ اس نے اپنے غصے پر قابو پاتے ہوئے کہا۔

وہ بڑی خباثت سے مسکرایا تھا۔ کرسی کی پشت سے ٹیک لگائے وہ چند لمحے اس کے روکھے جواب پر سوچتا رہا، پھر دونوں ہاتھ ٹیبل پر رکھ کر اس کو بغور دیکھا۔

’’کیا آپ ہمیں اس لائق نہیں سمجھتیں؟‘‘

’’سر! آپ کو کسی کی ہمدردی یا مہربانی کی کیا ضرورت ہے، آپ تو خود دوسروں پر مہربانی کر سکتے ہیں، ویسے یہ بہتر نہیں ہوگا کہ ہم اپنے کام پر توجہ دیں۔‘‘ اس کا لہجہ سخت ہوگیا تھا۔

وہ چند لمحے لب بھینچے اس کو گھورتا رہا۔

’’مس ماروی! اتنا اونچا نہ اڑو، اونچا اڑنے والے ہمیشہ پستیوں میں گرتے ہیں۔‘‘

’’فکر نہ کریں سر! جو اونچا اڑنے کی قوت دیتا ہے۔ وہ پستیوں سے بھی نکال لیتا ہے، مجھے اپنے اللہ پر بھروسہ ہے، جو نیتوں کا حال خوب جانتا ہے۔‘‘ وہ مسکراتے ہوئے بہت کچھ جتا گئی تھی۔

وہ اس کے اطمینان پر کچھ جز بز ہوا اور سر کھجانے لگا۔

’’مس ماروی! آپ کو تو پتا ہے نا مارویاں اکثر قید کر لی جاتی ہیں۔‘‘ اس نے دائیں طرف کی مونچھ کو بل دیتے ہوئے بہت نرم لہجے میں کہا تھا۔

ماروی ایک لمحہ کو چپ سی ہوگئی پھر اٹھتے ہوئے بولی۔

’’مگر ہر ماروی اپنی چادر کی رکھوالی کرنا جانتی ہے۔ وقت کے عمر اُن کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتے۔‘‘ وہ کہہ کر نکل گی تھی مگر اس کی باتوں نے اسے انتہائی خوف زدہ کر دیا تھا۔

کیا کرے وہ اب ، کیا اس پروجیکٹ کو چھوڑ دے۔ اس نے کتنا کام کیا تھا اس پروجیکٹ کے لےے، ساری تیاری مکمل تھی۔ بس فنڈ منظور ہونا تھا جو کہ اسے منظور ہوتا نظر نہیں آرہا تھا، جب تک منیجر سجاد علی تھا۔

وہ بہت مایوس ہو کے گاڑی میں آبیٹھی، ڈرائیور کو گھر چلنے کو کہا اور سیٹ کی پشت سے ٹیک لگا کر آنکھیں موند لیں۔ آج تو اس نے کھل کر سب کچھ کہہ دیا تھا۔

اف اس کی آنکھیں۔۔۔ سوچ کر ہی اسے جھرجھری آگئی۔ لگتا ہے یہ منصوبہ مجھے ختم کرنا پڑے گا۔ زندگی اسے کس طرف لے جارہی تھی، وہ نہیں جانتی تھی۔ زندگی کے دامن میں اس کے لےے کتنے دکھ سکھ تھے اسے نہیں پتا تھا۔

ئ ئ ئ ئ

وہ اپنی ہر پریشانی گل کو بتاتی تھی۔ آج وقت نکال کے سیدھی اس کے پاس چلی آئی، ملازم اسے ڈرائنگ روم میں لے آیا۔

ڈرائنگ روم میں گل کے ساتھ سرمد سانگی کو دیکھ کر وہ ٹھٹکی تھی۔

’’ارے سرمد! آج تو بھاگوں والا دن ہے۔ ماروی میرے گھر آئی ہے۔‘‘ گل ہنستے ہوئے اس سے گلے ملی۔

سرمد چائے کا کپ ٹیبل پہ رکھ کر اس کے احترام میں کھڑا ہوگیا تھا۔

’’مس گل! آپ تو اکثر ملتی رہتی ہیں۔ نصیب تو ہمارے اچھے ہیں کہ آج ملاقات ہوگئی۔‘‘ وہ اسے سلام کرتے ہوئے ہنس کے بولا۔

وہ پہلے ہی پریشان تھی۔ سرمد کی بات سن کر اس کے چہرے پر اور تنائو آگیا تھا۔

’’تم سے کچھ بات کرنی تھی۔‘‘ اس نے سرمد کو نظر انداز کر کے گل سے کہا۔

’’ہاں ہاں، بالکل کرو مگر پہلے بیٹھو تو سہی۔‘‘ اس نے ہاتھ سے پکڑ کر اسے صوفے پر بٹھایا۔

اس نے اک نظر سرمد پر ڈالی، وہ سمجھ گیا کہ وہ اس کے سامنے بات نہیں کرنا چاہتی۔

’’اوکے گل! میں چلتا ہوں۔ مس ماروی! آپ سے شاید پھر کبھی اسی طرح ملاقات ہوجائے۔‘‘

’’کیوں۔۔۔؟‘‘ ماروی چڑ کر بولی۔

وہ کھسیانا ہو کر ہنس پڑا۔ ’’اس لےے کہ۔۔۔ میرا دل چاہتا ہے۔‘‘

’’آپ مردوں کو صرف اپنے دل کی پروا کیوں ہوتی ہے، کبھی کسی اور کے دل کے بارے میں بھی سوچ لیا کریں۔‘‘

’’کیا ہوا بھئی۔ تم لوگ تو بچوں کی طرح لڑنے لگتے ہو، آخر تم دونوں کی بنتی کیوں نہیں؟‘‘ گل نے پریشانی سے ان دونوں کو دیکھا۔

’’میری کیوں بنے گی ان سے۔‘‘ وہ چڑ گئی ، اور سرمد سانگی سر جھکا کے مسکرا دیا۔

’’میں چلتا ہوں گل!‘‘

’’پھر کب آئو گے؟‘‘

’’جب بادل چھٹ جائیں گے، فضا سازگار ہوگی۔‘‘

اس نے جزبز ہوتی ماروی کو دیکھا، اور مسکراہٹ دباتا باہر نکل گیا۔

’’تم گل، تم بھی۔۔۔‘‘ غصے میں اس نے بات ادھوری چھوڑدی۔

’’دیکھو، وہ برا لڑکا نہیں ہے۔‘‘ اس نے اپنی ہنسی روکتے ہوئے کہا۔ ’’ابھی اپنے ہجر کی داستان سنا رہا تھا کہ تم آگئیں اگر اس کے منہ سے تمہارے سامنے کچھ نکل گیا تو اس میں ناراض ہونے والی کیا بات تھی۔‘‘

’’نہیں، مجھے تو خوشی سے نہال ہونا چاہےے تھا۔‘‘ اس نے جل کے کہا۔

’’ہاں تو خوش ہونا کوئی بری بات تو نہیں ہے۔‘‘

’’تم نے ایسی ہی باتیں کرنی ہےں نا تو پھر میں چلتی ہوں۔‘‘

’’کیا ہوگیا ہے، پاگل ہوگئی ہو۔‘‘ اس نے ہاتھ پکڑ کر اسے بٹھایا۔

’’ہاں، پاگل ہوگئی ہوں۔ آفس میں وہ خبیث تنگ کررہا ہے۔ تمہارے پاس آئوں تو یہ حضرت، کیا اس معاشرے میں عورت کہیں بھی آزادی سے کام نہیں کر سکتی؟‘‘

’’کیا سجاد علی زیادہ تنگ کر رہا ہے؟‘‘

’’ہاں میں سوچ رہی ہوں، یہ جاب چھوڑ دوں۔‘‘ اس نے تھکے تھکے لہجے میں کہا۔

’’پھر کیا کرو گی؟‘‘

’’کوئی اور جاب ڈھونڈوں گی۔‘‘

’’اگر نا ملی تو؟‘‘

’’تو پھر کیا کروں؟‘‘ وہ بے بس ہوگئی۔

’’ہوں، دیکھو فی الحال یہ جاب چھوڑنا دانش مندی نہیں۔ تم دوسری ملازمت کے لےے کوشش کرتی رہو۔ جب وہ مل جائے تو یہ چھوڑ دینا۔ رہا سجاد علی کا مسئلہ تو وہ ہر وقت تو تمہارے ساتھ نہیں ہوتا، وہ ڈسٹرک منیجر ہے اور تعلقہ منیجر بقول تمہارے شریف بندہ ہے۔ سجاد علی سے تمہارا رابطہ کم ہوتا ہے۔ جب ماہانہ رپورٹ لے کر جانا ہو تو تعلقہ منیجر سے کوئی بہانہ کر دینا۔ وہ خود رپورٹ لے کرچلا جائے گا۔ تم کسی بھی ڈسٹرکٹ لیول کی میٹنگ میں شرکت نہ کرو، تمہارا اس سے سامنا نہیں ہوگا۔‘‘

’’گل! اگر میں نہ جائوں تو وہ فوراً ایکشن لیتا ہے۔ اس کا آرڈر ہے کہ ہر میٹنگ میں سب کو آنا چاہےے تاکہ این جی اوز کے نئے پروگرامز اور تجربات شیئر ہو سکیں۔ کوئی نہیں جاتا تو فوراً اس کے خلاف ہیڈ آفس شکایت بھیج دیتا ہے۔‘‘ اس نے تفصیل بتائی۔

’’ارے بابا! تو تم نے کون سا اب یہاں مستقل جاب کرنا ہے، بھیجتا ہے تو بھیجتا رہے شکایت۔‘‘

گل کے کہنے پر وہ کچھ مطمئن ہوگئی تھی۔

شام کو جب وہ گھر واپس آئی تو اس کی پریشانی بہت حد تک زائل ہوچکی تھی۔

ئ ئ ئ ئ

’’نانی! تقدیر کیا ہے؟‘‘ اس نے گنا چوستے کہا۔

’’تقدیر انسان کی بے اختیاری ہے بیٹا!‘‘ نانی نے رک کر گہری اور لمبی سانس لی۔

’’اور بے اختیاری؟‘‘

’’وہ ہماری کوشش اور ارادوں کی ناکامی ہے، جب بندہ کرنا کچھ چاہے اور ہو کچھ جائے۔‘‘

’’ہوں! پھر ناکامی پر کیا کرنا چاہےے؟‘‘ اس نے گنا چھیلتے ہوئے پوچھا۔

’’صبر و شکر۔‘‘

’’اور کوشش؟‘‘

’’ہاں کرلے کوشش۔ ہوگا تو وہی نا جو منظور خدا ہوگا، بندے کا کام کوشش کرنا ہے۔ اگر اللہ کی مرضی نہیں تو بندے کی مرضی لاحاصل اور ہر کوشش ناکام ہوجاتی ہے اور جو اللہ چاہے، بندہ اس سے کتنا بھی بھاگنا چاہے، اسے کہیں اماں نہیں ملتی، سوائے صبر و شکر کے۔‘‘

’’تو جب اللہ کی مرضی ہی مقدر ہے تو پھر ہم کوشش کیوں کریں؟‘‘

’’نہیں بیٹا! ہمیں کوشش کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اس لےے کہ ہم مقدر کو جان نہیں سکتے۔‘‘ نانی کے چہرے پر شفقت بھری مسکراہٹ آگئی۔

’’اچھا نانی! اک بات بتائیں؟‘‘ اس نے نانی کے چہرے کو بغور دیکھتے کہا۔

’’ہم دنیا میں اتنے اکیلے کیوں ہیں؟‘‘

نانی کی سوالیہ نگاہ اس کے چہرے سے ہٹ گئی۔

’’بیٹا! دنیا میں ہر بندہ اکیلا آتا ہے اور اکیلا ہی جاتا ہے۔‘‘ اس نے نانی کے ٹالنے والے جواب پر آنکھیں بند کر کے تاسف سے نفی میں سر ہلایا تھا۔

’’مگر نانی! رہتا تو اکیلا نہیں۔‘‘

’’ہم اکیلے کب ہیں، میں ہوں، مریم ہے، تم ہو۔‘‘

’’تو اس اتنی بڑی دنیا میں کوئی اور رشتہ نہیں ہے۔ کوئی ددھیال، ننھیال جب سے ہوش سنبھالا ہے، کسی کو نہیں دیکھا۔ کیا آسمان سے گرے تھے کہ آگے پیچھے کوئی نہیں۔‘‘وہ زچ ہوتے ہوئے بولی۔

’’ماروی! تم بھی نا کبھی کبھی بہت تنگ کرنے لگتی ہو، جائو اب اپنے کمرے میں، مجھے وظیفہ پڑھنا ہے۔‘‘ نانی سنجیدگی سے بولیں۔

’’نانی! اب میں بہت بڑی ہوگئی ہوں، بچی نہیں رہی کہ جس سے آپ لوگ ہر بات چھپا رہی ہیں، وہ حقیقتیں جو آپ کی ذات کا حصہ ہیں ان سے اب پردہ اٹھنا چاہےے نانی! میں جاننا چاہتی ہوں کہ زندگی کو آپ نے کیسے جھیلا؟‘‘

’’بیٹا! زندگی تو ہر ایک کو جھیلنا پڑتی ہے۔ چاہے خوشی سے چاہے مجبوری سے۔‘‘ نانی کے لہجے میں بے بسی در آئی۔

’’وہی تو جاننا چاہتی ہوں نانی! آپ نے ، اماں نے کیا جھیلا ہے، جو مجھے بتانے کی روادار نہیں ہیں۔‘‘

’’کیا کرو گی بیٹا سن کر۔ ا ب تو زخموں پر کھرنڈ آگئے ہیں۔‘‘ لہجے میں تھکن اتر آئی۔ ان کے لہجے میں اتنا تاسف اور دکھ تھا کہ وہ آگے کچھ بول ہی نہ سکتی تھی۔اٹھ کر کمرے میں آگئی۔

پتا نہیں زندگی اپنے دامن میں کیا کیا بھید چھپائے ہوئے ہے۔ ان بھیدوں کا راز وقت سے پہلے نہیں کھلتا۔ نا مستقبل، نا ہی ماضی کے۔ مجھے خاموشی سے وقت کا انتظار کرنا چاہےے۔ کبھی نا کبھی وقت اپنے اندر چھپائے بھید دنیا کے سامنے کھول ہی دیتا ہے۔

ئ ئ ئ ئ

’’سنو ماروی! سرمد سانگی کے بارے میں تم نے کیا سوچا؟‘‘ گل معنی خیزی سے مسکرائی۔ گل کی مسکراہٹ پر اسے تائو آیا۔

’’مجھے اس کے بارے میں کیا سوچنا ہے، مرد کی محبت صرف دھوکا، فریب اور ڈھکوسلہ ہوتی ہے۔‘‘

’’یار! میں مردوں کی بات نہیں کر رہی، صرف ایک بے چارے سرمد سانگی کی بات کر رہی ہوں۔‘‘ گل نے سر پیٹ لیا۔

’’مجھے کسی مرد پر یقین نہیں آسکتا۔‘‘

’’لیکن ایک بات میں پورے یقین سے کہہ سکتی ہوںکہ سرمد سانگی، ماروی سے سچّی محبت کرتا ہے۔‘‘

’’اچھا چھوڑو، میں جس مسئلے کے لےے تمہارے پاس آئی تھی وہ تو بیچ ہی میں رہ گیا۔‘‘ ا س نے موضوع بدل دیا۔

گل نے تاسف سے اسے دیکھا۔

’’کیا مسئلہ ہے؟‘‘

’’ڈسٹرکٹ منیجر سجاد علی نے نئے پروجیکٹ شروع کرنے کے لےے اک میٹنگ بلائی ہے جس میں سوشل آرگنائزرز کو اپنے پروجیکٹ منظور کروانے ہیں۔‘‘ اس نے لیٹر اسے تھمایا۔

’’ہاں تو تم منیجر کو بھیج دو، اپنے پروجیکٹ کے لےے۔‘‘ اس نے اک نظر لیٹر پر ڈال کے کہا۔

’’مشکل تو یہی ہے نا اس کی ماںہاسپٹل میں ایڈمٹ ہے، وہ چھٹی پر ہے۔‘‘

’’تم یہ پروجیکٹ ضرور منظور کرانا چاہتی ہو؟‘‘

’’ہاں بالکل، دیکھو اگر یہ ایک بار شروع ہوگیا تو بھلے میں ریزائن کردوں پھر بھی کام جاری رہے گا۔‘‘

’’اچھا پھر تم ایسا کرو کہ چلی جائو۔‘‘

’’اتنے سارے سوشل آرگنائزرز اور منیجرز کے ہوتے ہوئے تمہیں وہ خبیث کیا کہہ سکتا ہے۔ ہیڈ آفس نے تمہارا پروجیکٹ منظور کرلیا ہے، باقی سجاد علی کے سائن رہتے ہیں۔ اچھا موقع ہے کروالو۔‘‘

’’ہاں سوچ تو میں بھی یہی رہی ہوں۔ مگر پتا نہیں کیوں میرا دل گھبرا رہا ہے۔‘‘

’’فکر نہ کرو میں تم سے رابطے میں رہوں گی مسلسل۔‘‘ اس نے چائے کا کپ اسے تھمایا۔ ’’مگر میری پیاری دوست اس بات پر غور ضرور کرنا۔‘‘

’’کس بات پر؟‘‘ اس نے بے خیالی سے پوچھا۔

’’سرمد سانگی کی محبت پر۔‘‘

’’گل! تم نہیں سدھرو گی۔‘‘ اس نے خفگی سے گھورا۔

’’ایک بار اس سے مل لو، اس کے خیالات و احساسات جان لو۔ پھر اگر تم مطمئن نہ ہوئی تو میں تمہیں اس کے بارے میں آئندہ کچھ نہیں کہوں گی۔‘‘

’’جس گائوں جانا ہی نہیں تو اس کے کوس کیا گنوں۔‘‘

’’اچھا بابا! جیسے تمہاری مرضٰی۔ سانگی کی محبت میں صداقت ہوگی تو اس کی سچائی ضرور تمہارے دل کو چھولے گی۔ چاہے کتنا بھی بھاگو۔‘‘

وہ دونوں ہاتھ بیڈ پر رکھ کر اٹھی۔

گل کے اٹھنے کا انداز دیکھ کر وہ بے ساختہ ہنس دی۔

’’گل! تمہاری چوپایوں جیسی عادتیں نہیں گئیں۔‘‘

وہ خجل ہوگئی۔

’’مگرتمہارا بھی قصور نہیں بچپن سے نہ کسی نے کچھ سکھایا نہ سمجھایا جو جی چاہا کھا پہن لیا۔ آج تک ویسے ہی کرتوت ہیں۔ آج تک اسی مردانہ لباس میں ملبوس رہتی ہو۔‘‘

’’اچھا اچھا بس، زیادہ نصیحتیں نہیں۔ اس کے لےے نانی ہی کافی ہیں۔‘‘

وہ اس کے مصنوعی خفگی سے منہ پھلا کر کہنے پر بے ساختہ ہنس دی۔

ئ ئ ئ ئ

وہ آفس سے تھک کے آئی۔ شاور لے کر نکلی تو چائے کی طلب محسوس ہوئی۔ وہ کچن میں آگئی۔ ڈرائنگ روم سے آنے والی اجنبی آواز کا لہجہ جانا پہچانا سا لگتا تھا۔

’’کیا کروں ہمارا تو نصیب ہی خراب ہے۔ بھائیوں کی مار ابھی اوپر سے ہٹی نہیں کہ بیٹے کا ہاتھ بھی اب سیدھا جوتی پر پڑتا ہے۔ کہیں بھاگ کے نہیں جاسکتی۔ لوگ کہیں گے پہلے ماں پھر بہن بھاگی۔ ان کا تو خاندان ہی بھگوڑیوں کا ہے۔ میں تو اس خوف کی وجہ سے کہیں ماسی کا کام بھی نہیں کر سکتی کہ دنیا بعد میں میری بیٹی کو نشانہ بنائے گی۔‘‘ اسے اس اجنبی عورت سے ہمدردی محسوس ہوئی۔

پتا نہیں کیوں عورت ہر دور میں ہر معاشرے میں اتنی مظلوم رہی ہے کہ اکیسویں صدی میں بھی مکمل حقوق نہیں مل سکے۔ مگر یہ ہے کون اس کے اندر تجسس نے سر ابھارا۔ حالانکہ وہ ان لوگوں میں سے تھی جو کسی کی کھوج میں نہیں رہتے۔ مگر اس وقت اسے ادراک ہوا کہ تجسس تو فطرتِ انسانی میں شامل ہے۔ انسان کبھی نہ کبھی اس کے تابع ہوجاتا ہے۔ شاید اس لےے کہ اماں حوا نے تجسس کے ہاتھوں مجبور ہو کر شجرِ ممنوعہ کو چکھ لیا سو ہر انسان کی رگوں میں خون کی مانند دوڑ رہا ہے۔

وہ نا چاہتے ہوئے بھی ڈرائنگ روم کی طرف بڑھی مگر اسی وقت سیل فون بجنے پر اپنے کمرے کی طرف بڑھ گئی۔

کل کی میٹنگ کا بلاوا۔ وہ اک بار پھر پریشان ہو اٹھی۔ ’’سجاد علی کا سامنا کرنے سے بہتر ہے کہ نوکری چھوڑ دوں۔ بس آخری میٹنگ اٹینڈ کرلوں۔‘‘ اس نے دل ہی دل میں فیصلہ کرلیا۔

’’اماں! دعا کرنا۔‘‘ سندھی کڑھائی سے بنی چادر کو اچھی طرح لپیٹتے وہ ان کے سامنے آکھڑی ہوئی۔

مریم نے خوشی اور محبت سے اسے دیکھا۔ ’’بیٹا! آج چادر اوڑھ کر جارہی ہو؟‘‘ انہوں نے آیت الکرسی پڑھ کر اس پر دم کیا۔

’’ہاں اماں! ہر میچ (سندھی کڑھائی) بنی ہوئی ہے نا۔ اچھی لگ رہی ہے سفید چادر پر رنگین کڑھائی۔‘‘

’’اچھا نانی! دعا کرنا۔‘‘ وہ ان کے آگے جھکی۔

’’اللہ کی امان میں۔‘‘ وہ اس کے پیچھے پڑھ کر دم کرتی رہیں۔

’’غلام محمد! فائل رکھ لی تھی؟‘‘ اس نے گاڑی میں بیٹھتے ہی استفسار کیا۔

’’جی میڈم!‘‘ اس نے فائل اسے تھماتے ہوئے کہا۔ جب تک آفس آیا وہ فائل کا جائزہ لیتی رہی۔

گاڑی سے اتر کے اس نے بڑی سی چادر کو اور اچھی طرح لپیٹا۔ اندر داخل ہوئی تو اسے فوری طور پر سجاد علی کے کمرے میں بھیج دیا گیا۔

’’آئےے آئےے مس ماروی! آج تو آپ چادر میں چھپ کر آئی ہیں۔ کیا خوب صورت چادر ہے اور کیا خوب صورت کڑھائی ہے۔ میرے خیال میں خوب صورت اس لےے بھی لگ رہی ہے کہ آپ نے اسے پہنا ہے۔‘‘

اسے دیکھتے ہی وہ شروع ہوگیا۔ وہ اس کی معنی خیز باتوں کو اچھی طرح سمجھ رہی تھی۔

’’میٹنگ ٹائم تو ہوگیا ہے ابھی تک سوشل آرگنائزرز کیوں نہیں پہنچے؟‘‘ اس نے سنجیدگی سے پوچھا۔

’’اصل میں ہم نے میٹنگ ٹائمنگ چینج کر کے میٹنگ ریسٹ ہائوس میں رکھ دی ہے۔ سب وہیں پر آئیں گے۔ آپ تو کوئی رابطہ رکھتی نہیں ہم سے۔اس لےے آپ کو بروقت اطلاع نہ دے سکے۔‘‘

اس کی چھٹی حِس نے اسے کچھ غلط ہونے کا احساس دلایا تھا۔ اسی وقت دوسری سوشل آرگنائزر اندر داخل ہوئی تھی۔

’’لیجےے مس شہلا بھی آگئیں۔ ایسا کرتے ہیں ہم اکٹھا نکلتے ہیں۔‘‘ وہ فوراً اٹھ کھڑا ہوا۔

’’پلیز سر! میں تھوڑا فریش ہو کر آتی ہوں۔‘‘ اس نے بہانا بنایا۔

’’اوہ، کیوں نہیں۔ ضرور ضرور۔‘‘ وہ ہنسا تھا۔

واش روم میں گھس کر اس نے اندر سے کنڈی لگائی۔ شاور کھول کر گل کو فون کیا۔ ساری سچویشن اسے بتائی۔

’’کوشش کرو، آفس سے نکل آئو۔‘‘

’’نہیں گل! اس کی خبیث نظریں کچھ اور کہانی سنا رہی ہیں۔ آفس سے وہ مجھے نکلنے نہیں دے گا۔ اسٹاف جا چکا ہے۔ صرف ڈرائیور، گارڈ اور شہلا ہیں اور یہ یقینا اس کے با اعتماد ساتھی ہوں گے۔ بظاہر تو وہ سب میٹنگ میں جانے کی بات کر رہے ہیں مگر میرا دل مطمئن نہیں ہورہا۔‘‘ وہ روپڑی۔

’’فکر نہ کرو، میں نے سب انتظام کر دیا ہے۔ آفس میں رکنے اور اس سے جھگڑنے کا۔ رسک نہ لو باہر نکل کر دیکھو، تمہاری گاڑی ہو تو فوراً اس میں بیٹھ جانا۔ میں بھی تمہارے آس پاس ہی ہوں۔‘‘

’’جلدی کریں مس ماروی! دیر ہورہی ہے۔‘‘

شہلا کی آواز پر اس نے جلدی سے سیل فون بیگ میں رکھا۔ منہ پر پانی کے چھپاکے مار کے نکل آئی۔

باہر اس کی گاڑی نہیں تھی۔ وہ پریشان ہوگئی۔

’’ارے آپ نے اپنے ڈرائیور کو رکنے کو نہیں کہا تھا؟‘‘ وہ حیرت سے پوچھ رہا تھا۔

’’گاڑی تو چوبیس گھنٹے میرے پاس ہوتی ہے۔ مجھے بتائے بغیر ڈرائیور کہاں چلا گیا۔‘‘

اس نے سیل فون نکال کر ڈرائیور کا نمبر ملایا۔ اس کا سیل فون آف جارہا تھا۔ اس کی پریشانی بڑھتی جارہی تھی۔

’’آئےے مس ماروی! ہماری گاڑی میں بیٹھ جائےے۔ مس شہلا بھی میرے ساتھ ہی جارہی ہیں۔‘‘

’’تھینک یو سر! آپ چلیں میں آجائوں گی۔‘‘ اس نے بمشکل لہجے کی لرزش پر قابو پایا تھا۔

’’ہم آپ کو ایسے ہی کیسے جانے دیں گے۔‘‘ اس کا لہجہ بڑا معنی خیز تھا اور مسکراہٹ زہر خند۔

’’آخر آپ ہماری اتنی مشہور و معروف سوشل آرگنائزر ہیں۔ مس شہلا! آئےے نا مس ماروی کو بھی بٹھائےے پلیز۔‘‘

شہلا نے اس کو بازو سے پکڑ کر گھسیٹ کر ویگن کے اندر دھکیلا تھا۔

’’اب بیٹھ بھی جائو یار! ٹائم نہیں ہے۔‘‘ وہ ہنس کر کہتے ہوئے ویگن کا دروازہ بند کر چکی تھی۔یہ اتنا اچانک ہوا تھا کہ اسے مزاحمت کا موقع ہی نہ ملا تھا۔

گلی کے نکڑ پر اس نے بلیو جینز، ریڈ پھولوں والی پرنٹڈ شرٹ پہنے گاڑی سے ٹیک لگائے کوک پیتی گل کو دیکھ لیا۔ اس کا اعتماد کچھ بحال ہوا۔ گل کی گاڑی کچھ فاصلے پر پیچھے آرہی تھی۔

’’سر میرا پروموشن؟‘‘

’’ہوجائے گا مس شہلا! ہوجائے گا۔ آپ تو ہماری معاون و مددگا رہیں۔ آپ کا کام ہم کیسے نہیں کریں گے۔‘‘

وہ آپس میں باتیں کر رہے تھے۔ اس کا سیل بج رہا تھا۔ گل کی کال تھی۔

’’مس شہلا! ذرا مس ماروی کا سیل فون دکھانا۔‘‘ وہ کال ریسیو کر چکی تھی۔

شہلا نے اس کے ہاتھ سے فون جھپٹنے کے سے انداز میں لے کر اگلی سیٹ پر بیٹھے ہوئے سجاد علی کو دیا۔

’’سر! میرا فون واپس کر دیں میری دوست کی کال آرہی ہے۔‘‘ کوئی جواب نہ ملنے پر وہ غصے سے باہر کی جانب دیکھنے لگی۔

گل کی گاڑی شیل پیٹرول پمپ سے آگے جا کر کھڑی ہوئی۔ اک موٹر سائیکل والا اس کی گاڑی کے ساتھ ساتھ چلنے لگا۔ گل کی گاڑی کو رکتا دیکھ کر اس کا دل خوف سے لرز گیا تھا۔

ویگن ایک جھٹکے سے رکی تھی۔ شہلا فوراً نیچے اتری اور سجاد علی فوراً آگے سے اتر کر اس کی سیٹ پر آبیٹھا تھا۔

’’سر! مجھے جانے دیں میں دوسری میٹنگ میں آجائوں گی۔‘‘

’’آرام سے بیٹھی رہو، میں تمہارا دشمن نہیں ہوں۔میرا ساتھ دو، دیکھو تمہیں کہاں سے کہاں پہنچا دوں گا۔‘‘ اس کا ہاتھ اس کے شانے کے گرد آیا تھا اس کا ہاتھ بے ساختہ اٹھ گیا۔

’’میں تمہیں اس تھپڑ کا مزا ضرور چکھائوں گا۔‘‘

وہ گال پر ہاتھ رکھے زہر خند لہجے میں بول رہا تھا۔ گاڑی اندر داخل ہوئی تھی۔ اسی وقت اس نے سرمد سانگی کو ریسٹ ہائوس سے ایک گھر آگے پتلی گلی میں موٹر سائیکل پر جاتے دیکھا۔ اسے دیکھ کر اس کے دل کو کچھ ڈھارس سی ہوئی۔ سجاد علی نے اسے گھسیٹ کر گاڑی سے باہر نکالا اور گھسیٹنے والے انداز میں اس کو اک کمرے میں لاپٹخا۔

’’کہا تھا نا اونچی اڑانیں مت بھرو پیاری! دیکھو آگریں نا قدموں میں۔ ارے تم کو پتا نہیں تم تو رنگین تتلی ہو۔ جن کو چٹکی سے پکڑو تو پر ٹوٹ جائیں۔‘‘ اس کی آنکھوں کے سامنے چٹکی بجائی۔ ’’اگر ہاتھ لگادیں تو رنگ اڑ جائیں۔‘‘ وہ ہاتھ مسل کر خباثت سے ہنسا۔

وہ اٹھ کر دروازے کی طرف لپکی تھی۔

’’کہاں بھاگ کر جائو گی۔ چاروں طرف پہرہ بٹھایا ہوا ہے میں نے۔کوئی نہیں بچائے گا تمہیں مجھ سے۔‘‘

 ’’میرا اللہ بچائے گا مجھے۔‘‘ ماروی نے ایک دم سے کہا تھا۔ اس کے اندر جیسے اک نئی توانائی بھر گئی ہو۔ سامنے پڑی وہسکی کی بوتل اسے مارنے کو وہ اٹھا چکی تھی۔

وہ ہنسنے لگا۔ ’’اللہ نے ہی تو تجھے مجھے سونپا ہے۔‘‘

سرمد موٹر سائیکل کو گھر کی پچھلی طرف لے آیا۔ وہ نیم کے درخت پر چڑھا تھا۔ اس کی شاخ پر جھولتے ہوئے اندر کود گیا۔ پچھلے لان میں کھلنے والی کھڑکیوں سے کان لگایا۔ ایک کمرے سے چند لوگوں کی آوازیں آئی تھیں۔

دوسرے کمرے سے اس نے ماروی کی آواز سنی تھی۔ وہ گھوم کر اس کمرے میں آیا۔ سب لوگ اس کے ہاتھ میں پسٹل دیکھ کر کھڑے ہوگئے۔ وہ گاڑی کی چابی اور موبائل لے کر باہر نکلنے سے پہلے ان کو دھمکاتا آیا۔

’’اگر تم لوگوں میں سے کوئی بھی باہر نکلا نا تو یہ دیکھ رہے ہو۔ خاموشی سے آنکھیں بند کر کے اس کمرے میں بیٹھے رہو۔‘‘

باہر سے دروازے کی کنڈی لگا کر وہ فوراً اس کمرے کی طرف بڑھا جہاں ماروی تھی۔

ہینڈل پر ہاتھ رکھتے ہی دروازہ کھلتا چلا گیا۔ ماروی ڈر کے پیچھے ہٹی تھی۔ سجاد علی حیرت اور غصے سے اس کو گھورنے لگا۔ اس نے گویا دھاڑتے ہوئے چوکیدار اور ملازموں کو بلایا تھا۔

’’منہ بند کرو، کوئی تمہاری مدد کو نہیں آئے گا خبیث انسان!‘‘ اس کے ہاتھ میں پستول دیکھ کر پھر وہ کچھ بول ہی نہ سکا۔ اس کے بازو پشت کی طرف باندھ کر ماروی کو چادر اوڑھائی اور لے کر باہر آگیا۔ گیٹ کھولا تو سامنے گل گاڑی لےے کھڑی تھی۔ فرنٹ ڈور کھول کر وہ اپنی موٹر سائیکل کی طرف بھاگا تھا۔ گل نے گاڑی تیزی سے آگے بڑھا دی تھی۔

وہ اس معجزہ کے رونما ہونے پر تشکّر کے آنسو بہا رہی تھی۔

’’اگر سانگی نہ آتا تو۔۔۔‘‘ آگے سوچ کر ہی اسے جھرجھری آگئی۔

’’بڑی زبردست پلاننگ کی تھی اس نے، سارا ڈرامہ آفس سے باہر اس لےے رچایا تھا کہ ہیڈ آفس سے تو اس کو فوراً معطل کر دیا جاتا۔ شہلا کو اس ےے بلایا تاکہ وہ تمہیں دھوکے سے ریسٹ ہائوس آرام سے لے جاسکے۔ اس نے میٹنگ کا لیٹر سب کو بھیجا تھا۔ مگر پھر معطلی کی اطلاع بھی دے دی۔‘‘ گل کہہ رہی تھی۔ اس میں تو کچھ بولنے کی سکت ہی نہ رہی تھی۔

’’رات تمہارے جانے کے بعد میں نے سانگی کو فون کیا تھا۔ آفس سے شیل پیٹرول پمپ تک مجھے تمہاری نگرانی کرنی تھی۔ پھر سانگی نے موٹر سائیکل پر تمہارے ساتھ چلنا تھا۔ تاکہ سجاد علی کو کوئی شک نہ ہو۔ پروگرام کے مطابق مجھے دوسرے راستے سے ریسٹ ہائوس پہنچنا تھا۔ ریسٹ ہائوس کے ملازم کبھی پرائے پھڈے میں نہ پڑتے۔ باقی اس کا ڈرائیور تھا۔ اس کو قابو کرنا مشکل نہ تھا۔حالات سانگی کے کنٹرول سے باہر ہوتے تو وہ اس کا بھی بندوبست کر کے آیا تھا۔ وہ مسلسل اپنے دوستوں سے رابطے میں تھا۔ پانچ منٹ کی ڈرائیور پر اس کے دوست موجود تھے۔ اگر مجھے اندر کی صورت حال خراب لگتی تو میں ان کو کال کرلیتی۔‘‘

اس نے پہلی بار سر اٹھا کر گل کو دیکھا۔

’’تم پریشان نہ ہو، سانگی نے ان کو تمہارے بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا۔ وہ صحافی ہے ایسے پھڈوں سے تو اس کا واسطہ پڑتا رہتا ہے۔ اس نے دوستوں کو یہی بتایا تھا کہ خفیہ رپورٹنگ کرنی ہے۔ جس میں اس کو خطرہ ہے۔ تم میرے ساتھ گھر چلو، کچھ دیر آرام کرو پھر تمہیں گھر چھوڑنے ہم خود جائیں گے۔ میں نے اماں کو فون کر دیا تھا کہ ماروی میرے ساتھ ہے۔ ہم دیر سے آئیں گے۔‘‘

اسے لگ رہا تھا اس کی قوّتِ گویائی جواب دے چکی ہے۔ اس نے خاموشی سے سیٹ کی پشت سے سر ٹکادیا تھا۔

ئ ئ ئ ئ

گل نے ماروی کو چائے کے ساتھ گولی دے کر سلا دیا تھا۔ جب وہ چند گھنٹے کی نیند لے کر اٹھی تو اس کا ذہن کچھ سوچنے سمجھنے کے قابل ہوا تھا۔

رات دس بجے وہ اسے گھر چھوڑنے آئی تو ساتھ ہی موٹر سائیکل پر سانگی اس کے ساتھ تھا۔ وہ گاڑی میں بیٹھنے سے گریزاں تھا کہ وہ اس کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں رکھتی تھی۔ اور وہ اسے شرمندہ نہیں دیکھنا چاہتا تھا۔

اس کا ستا ہوا چہرہ دیکھ کر مریم ٹھٹکی تھیں۔

’’آنٹی! اسے بخار آگیا تھا۔ اس لےے میں خود اسے چھوڑنے آئی ہوں۔‘‘ گل نے فوراً وضاحت دی۔

پھر گل چائے پی کر چلی گئی تھی۔

مریم اس کے سرہانے آبیٹھیں۔’’کیا ہوا میری جان؟‘‘

’’اماں! میں ٹھیک ہوں۔ آپ سوجائیں۔‘‘ اس نے ہاتھ چوم کر انہیں اطمینان دلایا تھا۔

’’بیٹا ! پتا نہیں کیا بات تھی آج سارا دن میں ہولتی رہی، دعائیں کرتی رہی۔ تمہیں دیکھ کر سکون ملا ہے۔‘‘

’’اماں! میں بالکل ٹھیک ہوں، آپ سوجائیں۔‘‘ وہ مطمئن ہو کر سوگئیں۔ مگر اس کو نیند نہیں آئی تھی۔ ذرا سی آواز پر چونک جاتی۔ فجر کی اذانوں کے بعد اس کی آنکھ لگی تھی۔

پھر وہ دس بجے اٹھی تھی۔ نہا کر آئی تو کافی فریش تھی۔ اس کا ذہن کل کے ڈرائونے خواب سے نکل کر آج کی حقیقت کو تسلیم کرنے کو تیار تھا۔

’’طبیعت کیسی ہے بیٹا؟‘‘

’’ٹھیک ہوں اماں!‘‘

’’آج آپ وکیل صاحب کے گھر نہیں گئیں؟‘‘

’’نہیں بیٹا! میں نے فون کرکے بتا دیا نہ آنے کا۔ سوچا پتا نہیں تمہاری طبیعت کیسی ہو۔‘‘ اس کے سامنے ناشتا رکھ کر مریم نے اس کی پیشانی پر ہاتھ رکھا۔

’’ماروی! تمہارا فون ہے بیٹا؟‘‘

’’کس کا ہے نانی؟‘‘ وہ برآمدے میں چلی آئی۔

’’پتا نہیں بیٹا! کہہ رہا تھا ماروی سے کام ہے۔‘‘

’’ہیلو!‘‘

’’تم، تم خود کو کیا سمجھتی ہو، ارے میں تمہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں چھوڑوں گا۔‘‘ سجاد علی کی دھاڑتی آواز آئی۔

’’ذلیل انسان! کیوں فون کیا ہے تم نے؟‘‘

’’تمہیں اطلاع دینے کے لےے میں نے واقعی تمہیں کہیںمنہ دکھانے کے قابل نہیں چھوڑا ہے۔‘‘ وہ استہزائیہ انداز میںہنسنے لگا۔

اس نے غصے سے ریسیور کریڈل پر پٹخ دیا۔ وہ اس کے موبائل پر کال کرتا رہا اپنے منصوبے کی ناکامی ہضم نہیں ہورہی۔ وہ پریشان ہواٹھی۔

’’کیا ہوا بیٹی؟‘‘

’’نانی! ہمارا جو آفیسر ہے نا سجاد علی وہ بہت تنگ کررہا ہے۔ جینا حرام کردیا ہے خبیث نے۔‘‘ تب ہی بیل بجی تو مریم دروازے کی طرف بڑھ گئیں۔ دروازے پر وکیل صاحب کو دیکھ کر چونک گئیں۔ ان کے ہاتھ میں اخبار تھا۔

’’ماروی کہاں ہے؟‘ انہوں نے مریم سے پوچھا۔

’’گھر پر ہے وکیل صاحب! خیریت ہے نا سب؟‘‘ وہ انہیں اندر لے آئیں۔

’’بیٹا! یہ کیا ہے؟‘‘ وکیل صاحب نے اخبار بڑھایا۔ اس نے اخبار میں اپنی تصویر دیکھی۔

’’معروف سوشل آرگنائزر اپنے آشنا کے ساتھ رنگے ہاتھوں پکڑی گئیں۔‘‘

اس کے پائوں تلے سے زمین نکل گئی۔ مردوں کے معاشرے میں ایک مرد کی خواہش کا ترنوالہ نہ بننے کی بڑی بھیانک سزا دی گئی تھی۔بدنامی بال کھولے اس کے گرد گھوم رہی تھی۔ وہ خوف کا آسیب جو اسے رات سے ڈس رہا تھا۔ بالآخر اس کے جسم میں داخل ہوگیا۔ اس کا جرم صرف یہ تھا کہ مردوں کے معاشرے میں عزت سے اپنا مقام بنا رہی تھی۔ اور اسے منہ کے بل گرا دیا گیا۔ اس کی ذات کی دھجیاں بکھیر دی گئیں۔ ذلت کا اژدہا اسے نگل رہا تھا۔ وہ کھڑی نہیں ہوپارہی تھی۔ زمین پر بیٹھ کر سر گھٹنوں پر رکھ دیا۔ اس کا سارا وجود لرز رہا تھا۔

’’بیٹا! جو بھی آپ کے ساتھ ہوا ہے مجھے بتائو۔ مجھے پتا ہے جو خبر لگی ہے۔ وہ غلط ہے۔ کس نے کی ہے دشمنی آپ کے ساتھ بتائو بٹیا! مجھے بتائو۔‘‘

’’میں بتاتی ہوں سر!‘‘ دروازے پر گل کھڑی تھی۔

ئ ئ ئ ئ

وہ نیند سے اٹھا تھا۔ ناشتا کرتے ہوئے اس نے اخبار اٹھالیا۔ ہیڈ لائنز پر سرسری نگاہ دوڑا کر اس نے صفحہ پلٹا۔ ماروی کی تصویر دیکھ کر وہ ٹھٹک گیا۔ اس کا دل زور سے دھڑکا۔ جلدی سے خبر پڑھی اس کا سارا جسم جلنے لگا۔ چائے کا گھونٹ گلے میں پھنس گیا۔ اس نے فوراً گل کو فون کیا۔ چند مرتبہ ملانے کے بعد اس نے ریسیو کر ہی لیا۔

’’کیا بات ہے سانگی! صبح صبح فون کیوں کیا ہے؟‘‘ اس نے جمائی لیتے ہوئے پوچھا۔

’’اخبار پڑھا ہے؟‘‘ وہ گھبرایا ہوا تھا۔

’’اف صبح صبح اخبار، کیوں موڈ خراب کر رہے ہو۔‘‘

’’تم اخبار دیکھو اور ماروی کے پاس جائو۔ میں پتا کرتا ہوں کہ یہ خبر لگوائی کس نے ہے؟‘‘

اس کے لہجے میں غصہ نمایا ں تھا۔

آفس سے پتا چلا کہ یہ خبر جلال نے لگائی ہے۔ وہ سب کچھ سمجھ گیا کیونکہ جلال کوئی باضمیر صحافی نہیں تھا۔ وہ لفافوں پر پلا تھا۔ اس سے ہر توقع کی جاسکتی تھی، وہ سیدھا جلال کے گھر آیا۔

’’تم نے یہ خبر کہاں سے لی؟‘‘

’’کیوں تمہیں کیا دلچسپی ہے اس خبر سے؟‘‘ اس نے الٹا اس سے سوال کیا۔

’’جلال! میں صرف تم سے یہ پوچھ رہا ہوں کہ یہ خبر کہاں سے ملی ہے تمہیں؟‘‘

’’سجاد علی سے۔‘‘ اس نے کہا اور دوبارہ ناشتا کرنے لگا۔ وہ چپ چاپ وہاں سے نکل آیا۔ اس کا شک یقین میں بدل گیا تھا۔ وہ اپنے آفس آگیا۔

اخبار اپنے ہاتھ میں لےے وہ ایڈیٹر کے کمرے میں آیا۔

’’سر! یہ جو خبر لگی ہے، کس بنیاد پر لگائی گئی ہے؟‘‘

ایڈیٹر صاحب نے دائرے کے اندر اس خبر کو اور تصویر کو بغور دیکھا۔

’’کیا اعتراض ہے آپ کو اس پر؟‘‘

’’سر! یہ خبر جھوٹی ہے۔‘‘

’’سانگی! یہ بات کس بنیاد پر کہہ رہے ہو؟‘‘

’’اس سوشل آرگنائزر کا اپنے کیریئر میں کبھی اسکینڈل نہیں بنا۔ یہ اپنے لےے دےے روےّے کے حوالے سے مشہور ہے۔ جب اپنے افسر اعلا کے ہاتھ نہ آئی تو اس نے اس کو میٹنگ کے بہانے بلا کر اغوا کیا تو اس نے گل سے رابطہ کر کے ساری صورتِ حال بتائی۔ یوںہم دونوں پیچھا کرتے ریسٹ ہائوس تک پہنچے۔ اسے وہاں سے بحفاظت میں نے ہی نکالا تھا سر! اور اب اس کے کردار کشی کے لےے اس نے جلال کے ذریعے یہ خبر لگوائی ہے۔‘‘

’’تم نے کس بنیاد پر اس لڑکی کی اتنی مدد کی؟‘‘ ایڈیٹر صاحب نے بغور سانگی کی طرف دیکھتے ہوئے پوچھا۔

سانگی کے لبوں پر بے ساختہ مسکراہٹ امڈ آئی۔

’’انسانیت کے ناتے بھی میں ایسا کر سکتا ہوں سر! مگر مجھے اعتراف ہے کہ اس میں میرا دلی تعلق بھی شامل تھا مگر اسے کچھ خبر نہیں۔‘‘ اس کے لبوں پر اک اداس سی مسکراہٹ امڈ آئی۔

’’آج مجھے پتا چلا ہے تمہاری اداس آنکھوں کے راز کا۔ میں تو ہمیشہ ہی سے کہتا تھا تم کسی کے خیالوں میں کھوئے ہوئے رہتے ہو۔ مگر تم نے تو کبھی ہوا ہی نہ لگنے دی۔‘‘

انہوں نے بیل بجا کر چپراسی کو بلا کر جلال کو بھیجنے کا کہا۔

’’سر! میں بہت پریشان ہوں۔‘‘ وہ سر جھکائے ہوئے بولا۔

’’وہ تو تمہارا چہرہ ہی بتا رہا ے۔‘‘ دروازے پر دستک دے کرجلال اندر آیا تو انہوں نے سنجیدگی طاری کرلی۔

’’جلال! تم نے تصدیق کی تھی اس خبر کی؟‘‘ انہوں نے سامنے پڑے اخبار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا۔

’’نہیں سر! سوری، بعض دفعہ تصدیق کرنے کا ٹائم نہیں ہوتا۔‘‘

’’ایسی بے بنیاد خبر لگاتے ہوئے یہ نہ سوچا کہ کسی لڑکی کی زندگی و موت کا سوال ہے۔ یہ چھوٹی سی خبر اس کی زندگی تباہ کر سکتی ہے؟ ذرا بھی شرم نہ آئی تمہیں۔ بغیر کسی ثبوت کے لگادی۔ یہی سیکھا ہے تم نے! کیا صحافت اسی کا نام ہے؟ تم جانتے ہو یہ خبر سراسر غلط ہے، یہ واقعہ سرمد سانگی کی موجودگی میں ہی ہوا تھا۔‘‘

’’سوری سر! مجھ سے غلطی ہوگئی۔ میں واقعی بہت شرمندہ ہوں۔‘‘

’’میں تمہیں آخری موقع دے رہا ہوں اگر آئندہ تم نے ایسی بددیانتی لاپروائی دکھائی نا تو پھر خود کو فارغ سمجھنا۔ کل کے اخبار میں تردید کردو اس خبر کی۔‘‘

’’جہاں جہاں خبر پہنچ چکی ہے وہاں وہاں تردید پہنچ پائے گی؟‘‘سانگی کا لہجہ طنزیہ تھا۔

’’نہیں پہنچے گی۔ میں جانتا ہوں سانگی! مگر تردید کے سوا بھی تو کوئی اور آپشن نہیں بچتا نا ہمارے پاس۔‘‘ انہوں نے ہمدردی سے اس کا شانہ تھپتھپایا۔ ’’میں تمہاری اذیت کو سمجھتا ہوں یار! تم جائو ریسٹ کرو فکر نہ کرو ہم سب تمہارے ساتھ ہیں۔‘‘

وہ واپس ہاسٹل آگیا۔ اک بار پھر گل کو فون کر کے ساری صورتِ حال بتائی۔

’’وکیل صاحب، اس کے خلاف کیس دائر کرنے کا کہہ گئے ہیں۔ ہمارا عدالتی نظام فوری انصاف والا نہیں ہے۔ یہ بہت لمبا صبر آزما پروسیس ہے۔ ماروی کی حالت بہت خراب ہے کبھی کہتی ہے تم لوگ مجھے مار دو۔ کبھی کہتی ہے کہ مجھے چھوڑ دو تاکہ میں سجاد علی کو قتل کردوں۔ اس کی حالت بہت خراب ہے سانگی! روتی چیختی ہے۔ پھر کہتی ہے شکر ہے میری کوئی بہن نہیں ورنہ دنیا تو اسے طعنوں سے ہی مار دیتی۔ اس کی ماں اور نانی بے حد پریشان ہیں، صبح سے ایک نوالہ بھی نہیں کھایا کسی نے۔‘‘ گل اسے بہت پریشانی سے بتا رہی تھی۔

دوسرے دن جہاں اس کے اخبار نے خبر کی تردید شائع کی تھی۔ وہیں دوسرے اخباروں میں نیا پنڈورا باکس کھل گیا تھا۔ سجاد علی کو پتا چل گیا تھا کہ اصل حقائق سامنے آرہے ہیں۔ تو اس نے دوسرے اخباروں میں اپنی خبریں لگوائی تھیں۔ یہ ثابت کرنے کی کوشش کی تھی کہ ماروی خود اس کے ساتھ ریسٹ ہائوس آئی تھی۔ وہ ہمیشہ اس سے قرض کے نام پر بڑی رقوم لیتی رہی ہے۔ ترقیاتی اسکیموں میں بھی ماروی پر کرپشن کے الزامات عائد کےے گئے تھے۔

گل کا فون آیا تو وہ بے تحاشا رو رہی تھی۔

’’سرمد! ماروی نے آج خود کشی کی کوشش کی ہے، اس کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے۔‘‘

’’میں اندازہ کر سکتا ہوں ماروی پر کیا گزر رہی ہوگی۔ میں اس سے ملنا چاہتا ہوں۔‘‘

’’ٹھیک ہے تم آجائو، میں نانی اور اماں سے بات کرتی ہوں۔‘‘

ئ ئ ئ ئ

وہ گھٹنوں کے گرد بازو لپیٹے وحشت زدہ سی بیٹھی تھی۔ ملگجے سے کپڑوں میں ملبوس وہ برسوں کی بیمار لگ رہی تھی۔ اس کی سفید رنگت میں زردیاں گھلی ہوئی تھیں۔ آنکھیں لال ہورہی تھیں۔ بال بکھرے تھے شاید اس دن کے بعد سے اس نے کنگھی بھی نہ کی تھی۔ اس کی اتنی دگرگوں حالت دیکھ کر سرمد کا دل دکھ سے بھر گیا۔

’’ماروی تم تنہا نہیں ہو، میں تمہارے ساتھ ہوں، آج بھی اور کل بھی تم ہمیشہ مجھے اپنے ساتھ پائو گی۔‘‘ اس نے نرمی سے یقین دلایا تھا۔ وہ سرجھکائے خاموشی سے بیٹھی رہی۔

’’تم ہمدردی کر رہے ہو مجھ سے، رحم آرہا ہے نا؟‘‘ اس نے وحشت سے پوچھا۔

’’ماروی کو کسی ہمدردی کی ضرورت نہیں ہوتی، وہ اپنی حفاظت خود کر سکتی ہے، وقت کا کوئی بھی عمر اسے قید نہیں کر سکتا۔ مجھے تمہارا ساتھ تم سے اک نہ اک دن مانگنا تو تھا ان حالات کی وجہ سے یہ وقت جلدی آگیا ہے۔اگر میں تمہیں ساری آسائشات نہ دے سکا مگر پھر بھی محبت ضرور دوں گا۔ شخصی، فکری، سیاسی، مالی، ذہنی، دلی آزادی ضرور دوں گا۔ اور تم اب بھی اپنے فیصلے میں آزاد ہو اور خود مختار ہو۔ چاہو تو میری پھیلی ہوئی جھولی کو بھر دو۔ چاہے تو نا امید لوٹادو۔ میں تو صرف منگتا بن کر آیا ہوں۔ دان دینا نا دینا تمہارا کام ۔ تمہاری مرضی۔ تمہارا اختیار۔‘‘ کمرے کے سنّاٹے اور وحشت کو سرمد کی گمبھیر آواز توڑتی رہی۔

’’تمہاری مرضی میرے لےے اہم ہے۔ دھتکار دو گی تو لوٹ جائوں گا۔ مگر تم مجھ سے محبت کرنے کا حق نہیں چھین سکتی۔ میں نے تم سے محبت کی ہے۔۔۔ کرتا رہوں گا۔‘‘ یہ حق مانگنے والا ماروی کے عین سامنے بیٹھا ہوا تھا۔ وہ واقعی اس سے یہ حق نہیں چھین سکتی تھی۔ اس کی سچائی عیاں ہوچکی۔محبت دل پر دستک دے بیٹھی، وہ اسیر ہورہی تھی۔ اس کے دل کے پٹ اس محبت کے آگے بہت کمزور پڑتے چلے گئے۔

وہ چند لمحے خاموشی سے اس کو تکتا رہا۔

’’تم میری رسوائی اور بدنامی میں حصہ دار کیوں بننا چاہتے ہو؟‘‘ وہ کرب سے بولی۔

’’اس لےے کہ میری نظر میں تم آج بھی وہی ماروی ہو، جو کل تھیں۔ دنیا کچھ کہے، مجھے تم پر پورا یقین ہے۔‘‘ اس کے لہجے میں سچائی تھی اور وہ اس سچائی کی اسیر ہورہی تھی، محبت کی خوشبو اسے کھینچ رہی تھی۔

ہر انسان کی اپنی مخصوص خوشبو ہوتی ہے۔ اس کے جسم کے گرد بنے دائرے دوسروں کو اپنی جانب کھینچتے ہیں۔ وہ زندگی میں پہلی بار بے بس ہوئی۔ چھڑانا چاہا خود کو ان دائروں سے۔ اسے اندازہ تھا کہ یہ بھنور ہیں۔ اگر اک بار پھنس گئی تو نکل نہ پائے گی۔ اس کا سر جھکا ہوا تھا۔ دل نے اپنی دھڑکن سماعتوں میں رکھ دی۔ رگوں کی لرزش جسم و جاں پر حاوی ہوتی رہی۔ وہ اپنا آپ ہار رہی تھی چھ فٹ دور بیٹھے شخص سے۔ جو اس کو اسی سے مانگنے کی صدا لگا چکا تھا۔ اس نے اپنی سوچ کی ناتوانی کو نظر انداز کر کے آخری بار خود کو بھنور سے نکالنے کی کوشش کی۔ مگر وہ غیر محسوس طریقے سے مقید ہوچکی تھی۔ قدم زمین نے جکڑ لےے۔ اٹھ کر جانے کی سکت نا رہی۔ وہ ا س کمرے سے دور جانا چاہتی تھیں، مگر جا نہیں پارہی تھی۔ فرار کے ہر راستے پر وہ کھڑا تھا۔ اس نے اپنے دونوں ہاتھوں میں چہرہ چھپا لیا۔ یہ اعترافِ شکست تھا۔ اپنی انا، اپنا وجود، اپنا دل سب کچھ ہار گئی۔

اس نے آخری بار اپنی عقل کو آواز دی۔ مگر وہ آواز واپس پلٹ آئی۔ اس کا دماغ خالی کشکول بن چکا تھا۔عقل کے سارے سکّے محبت ہاتھوں میں تھامے کھڑی تھی۔

وہ اس کو ذلتوں سمیت قبول کر رہا تھا، رسوائیوں سمیت مانگ رہا تھا۔ وہ مرد تھا اور مرد کبھی عورت کی ذلتیں قبول نہیں کرتا، وہ عورت کی پارسائی، پاک بازی نہ صرف خود چاہتا ہے بلکہ اس کا ثبوت اور اعتراف دنیا سے بھی سننا چاہتا ہے یہ بات مرد کی فطرت کے خلاف تھی اور ہمیشہ خلافِ فطرت بات تب ہوتی ہے، جب دیوانگی اور جنون کی حد چھولی جائے، اس کے دل نے اس کے جنون کے آگے ہار مان لی تھی۔

ئ ئ ئ ئ

ان تینوں کے ساتھ گل بھی ساری رات جاگتی رہتی۔۔۔ پتا نہیں کب سجاد علی کے غنڈے آجائیں، وہ میسجز میں طرح طرح کی دھمکیاں دے رہا تھا،ماروی نے موبائل آف کر دیا تھا۔

مریم ساری عمر جس بات سے ڈرتی رہیں وہ ان کا مقدر تھی۔ سو وہ بھاگ نہیں سکی تھیں۔ اس بدنامی و ذلت سے وہ اسی لےے ماروی کی اس ملازمت کے خلاف تھیں کہ فیلڈ میں کام کرنا پڑتا تھا اور بھانت بھانت کے لوگوں سے واسطہ پڑتا تھا مگر ملازمت کے چھ سالہ عرصے میں ان کی بیٹی نے عزت ہی بنائی تھی، پتا نہیں یہ کیسا خبیث آفیسر آیا تھا۔ جس نے اب کے دامن میں رسوائیاں بھر دی تھیں۔ انہیں یہ فکر بھی کھائے جارہی تھی کہ اب ان کی بیٹی سے شادی کون کرے گا، اس کی تو زندگی تباہ ہوکر رہ گئی۔

جب سانگی نے رشتا مانگا تو وہ کچھ دیر تو حیرت سے گنگ اسے دیکھتی رہ گئیں۔

وہ بڑی بڑی آنکھوں، کھڑی ناک، بھرے بھرے ہونٹوںپر گھنی مونچھیں اور گندمی رنگت جو سرخی مائل تھی، ہلکے گھنگھریالے بالوں والا دراز قدر سرمد سانگی جس کا رشتہ اگر یوں بھی آجاتا تو وہ کبھی بھی انکار نہ کرتیں۔

سرمد نے کہا تھا۔ ’’باپ تو میرا ہے نہیں، بس ماں اور دو بہنیں ہیں۔ میری منگنی چاچا کی بیٹی سے بچپن سے طے تھی مگر میں نے اس کے بارے میں کبھی نہیں سوچا اور نہ وہ لڑکی ایسا چاہتی ہے، وہ کسی اور کو پسند کرتی ہے۔ آپ فی الحال نکاح کردیں۔ رخصتی بعد میں گھر والوں کے ساتھ کرا کے لے جائوں گا۔ فی الحال اتنی جلدی بلانا ممکن نہیں۔‘‘

زندگی بھر عزت اور رشتوں کے لےے ترستی مریم خاموش رہ گئیں پھر بہت دیر بعد انہوں نے فیصلہ سنایا تھا۔

’’سرمد بیٹا! اگر تم ماروی کو اپنانا چاہتے ہو تو اپنے گھر والوں کو لے کر آئو، میں خاموشی سے اس کی تقدیر کا فیصلہ نہیں کروں گی۔‘‘

تین دن بعد سرمد اپنی ماں اور بہنوں کو لے آیا تھا اور ساتھ وہ قیامت بھی آگئی تھی جس سے مریم ڈرتی رہی تھیں۔ سرمد کی ماں نے ایک نظر مریم پر ڈالی تھی اور پھر بغیر کچھ کھائے پےے واپس لوٹ گئی تھیں، صرف ایک جملہ کی گونج باقی رہ گئی تھی۔

’’جس کی نانی اور ماں خاندان کی عزت نہ سنبھال سکی اس کی بیٹی سے کیا توقع کی جاسکتی ہے۔ ایسی عورتیں گھر نہیں بسایا کرتیں۔‘‘

ماروی سوالیہ نشان بنی کھڑی تھی۔

وہ سارے سوال جو وہ ماں اور نانی سے ساری زندگی پوچھتی رہی تھی۔ آج ان کے جواب دینے کا وقت آگیا تھا۔ اس کے لےے یہ خبر بہت روح فرسا تھی کہ اس کی ماں اور نانی دونوں گھر سے بھاگی ہوئی عورتیں ہیں۔ اس کا ذہن مائوف ہورہا تھا۔ سالوں تک جو وہ نانی سے پوچھتی رہی وہ راز ایک دم ظاہر ہوا تو اس کو اندر تک ہلا کے رکھ دیا تھا۔

اس کو سخت احساس ہوا کہ یہ راز راز رہنا ہی بہتر تھا۔ کاش! ماں اور نانی کی زندگی کی حقیقتیں اس سے پوشیدہ ہی رہتیں۔ وہ سارا دن کمرا بند کر کے کڑھتی سوچتی روتی رہی۔

شام کو نانی کے بار بار آواز دینے پر نا چاہتے ہوئے بھی اٹھ کر اس نے لاک کھولا۔

’’بیٹا! تم نے کھانا بھی نہیں کھایا۔ دن سے یوں آکر پڑی رہیں۔‘‘ وہ چل کر اس کے سرہانے آ بیٹھی۔ اس کا سر پیار سے اپنی گود میں رکھ لیا۔

’’مجھے پتا ہے بیٹا! تم بہت پریشان ہو۔ مگر ہمیں قصور وار ٹھہرانے سے پہلے ہمارے حالات ضرور سن لو۔‘‘ وہ باتیں جو ساری عمر وہ سننے کو منتظر رہی۔ آج نانی وہ باتیں خود سنانے کو ملتجی ہوئیں۔

اس نے کوئی جواب نہیں دیا۔ اس کی زندگی میں دوسرا بڑا دھچکا تھا۔ خاموشی طاری کرلی۔

نانی اس کے بالوں کو سہلانے لگی۔

’’بیٹا! عورت ہمیشہ معاشرے میں کمزور و لاچار رہی ہے۔ جب وہ بے بس ہوجاتی ہے، مردوں کے معاشرے میں مردوں کے جبر سے تو پناہ ڈھونڈنے پھر اک مرد ہی کے پاس جاتی ہے۔ وہ سماج کے اندر جکڑی ہوئی ہے۔ معاشرے سے روگردانی نہیں کر سکتی۔ مرد کے بغیر اس کو کوئی پناہ گاہ نہیں ملتی۔ عورت اگر کوئی غلط قدم اٹھاتی بھی ہے تو معاشرے کا جبر اس کا محرک بنتا ہے۔ سماج کی خود نافذ کردہ رسوم کی گھٹن اور حبس کی فضا اس کو باغی کر دیتی ہے۔ اگر اس کو جائز حقوق نہ ملیں تو وہ بغاوت پر اتر آتی ہے۔ سب کچھ چھوڑ چھاڑ کے شیرازہ بکھیر دیتی ہے۔ اگر عورت کو گھر کے اندر آسائشات و محبت و احترام ،جائز حقوق دےے جائیں تو وہ کبھی بھی بغاوت نہیں کرتی۔ اس کے ہر معاشرتی روےے کے پیچھے کوئی ذہنی الجھن، گھٹن او رجبر ضرور ہوتا ہے۔ ورنہ عورت اتنی کم ظرف و بے وقوف نہیں کہ عزت و محبت سکھ و سہولیات چھوڑ کر کسی اور مرد کے ساتھ زندگی کا اتنا بڑا جوا کھیلنے کے لےے نکل جائے۔‘‘

اس کو نانی کے بڑھاپے پر بے تحاشا رحم آیا۔ اٹھ کر گلے میں بانہیں ڈال کر بے ساختہ رو پڑی۔

’’کیا ہوا تھا آپ کے ساتھ مجھے بتائیں نانی اماں! کیا جھیلا اس زندگی کے سفر میں۔ کتنے دکھ اٹھائے، کتنے گھائو سہے ؟‘‘ وہ سسک پڑی۔

نانی کے آنسو گالوں پر بہتے رہے۔ کتنا مشکل تھا یہ سب بتانا۔ زندگی کے اس دور میں جہاں اولاد کی اولاد بھی جواں ہوجائے۔ ان کے سامنے اپنا بھیانک ماضی کھولنا جو آپ کو ہمیشہ سے عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہوں۔

ئ ئ ئ ئ

زندگی کبھی بھی ایک سی نہیں رہتی۔ وہ اپنے گھر میں بہت خوش تھی۔ اپنی زمین تھی، میاں کھیتی باڑی کرتا تھا۔ اپنی بھینس تھی اور صحن میں گندم اور چاول کے ڈھیر لگے ہوتے، جن کے اوپر وہ مٹی کا لیپ کر کے محفوظ کر دیتی، پھر اس ڈھیر کے اک کونے سے ضرورت کے مطابق گندم نکالتی اور ڈھیر کے دھانے کو پھر مٹی سے لیپ کر کے بند کر دیتی۔ منہ اندھیرے اٹھ کر چکّی پیستی، دودھ بلوتی، مکھن نکال کر لسّی کے جگ میں ڈال کے، گرم روٹی کے ساتھ شوہر کے آگے لاکر رکھتی۔ وہ روٹی کھا کر زمین پر چلا جاتا تو وہ اٹھ کر بچوں کو ناشتا کراتی پھر گھر کے کام کاج میں لگ جاتی، بچوں کو نہلا دھلا کر دوپہر کا سالن بنا کرروٹیاں ڈالتی، تواس کا شوہر زمین سے واپس آجاتا۔ وہ اس کو دوپہر کا کھانا دیتی، وہ اس کو اور بچوں کو ساتھ بٹھا کر کھانا کھاتا، پھر سستانے کے لےے لیٹ جاتا اور وہ رلی کا کپڑا لے کر سینے لگتی۔ شام کو سویرے ہی چاول چڑھاتی، رات کو کوئی دودھ سے کھالیتا کوئی دہی سے۔

اس کی زندگی اس معمول سے لگی بندھی تھی، گھر میں خوشیاں بھی تھیں اور خوش حالی بھی۔ وہ بہت مطمئن اور آسودہ تھی۔ بڑی بیٹی حمیدہ پندرہ سال کی ہو گئی تھی، جس کی شادی کے لےے اب وہ فکر مند رہتی تھی۔ دوسری اور تیسری لڑکی مریم کے بعد دو بیٹے ہوئے تھے،صادق اور حمزہ اپنے پانچ بچوں کے ساتھ اس کا گھرانہ مکمل تھا۔

مگر اچانک اس کی زندگی میں تبدیلی آئی، اس کا شوہر بیمار ہوگیا۔ وہ بے حد پریشان ہوگئی۔ ابراہیم کو مستقل پیٹ میں درد رہنے لگا، وہ ہر دوسرے تیسرے روز ٹیکہ لگوانے قریبی شہر جاتا، مگر ڈاکٹر کو اس کا درد سمجھ میں نہیں آرہا تھا۔

اس کے معمولات زندگی بدل گئے۔ ابراہیم کی دیکھ بھال، زمین کا کام، گھر کا کام، اتنی ساری ذمہ داریاں اس کے سر پر آپڑیں کہ وہ سنبھل نہیں پا رہی تھی، کئی دفعہ ایسا ہوا کہ اسے چکّی پہ آٹا پیسنے کا وقت بھی نا ملتا، اور صبح کی روٹی گول ہوجاتی۔

بچے الگ چیخ رہے ہوتے بھوک کی وجہ سے۔ جب تک وہ ابراہیم کی خدمت سے فارغ ہو کر آٹا پیس کر روٹی پکاتی تو دوپہر ہوجاتی۔ ابراہیم کو تو وہ صبح صبح جو کا دلیہ بنا کر دیتی۔ وہ اتنی نقاہت محسوس کرتا تھا کہ کبھی کبھی اس کو ٹیک لگا کر وہ خود اپنے ہاتھ سے کھلاتی۔

ایسے میں اس کی بڑی بیٹی حمیدہ گھر کا باقی کام سنبھال لیتی، کپڑے دھوتی، جھاڑو، برتن، سالن تک بنالیتی، وہ آرام سے ابراہیم کی خدمت میں جگتی رہتی البتہ چکّی حمیدہ سے نہیں چلتی تھی اور کھیتوں پر وہ اسے چھوڑتی نہیں تھی۔

یہ دونوں کام اسے ہی کرنا پڑتے، اس دن بھی ابراہیم کی طبیعت صبح سے بہت خراب تھی۔ وہ آٹا پیس نہیں سکی تھی، اب چھوٹے بچے بھوک سے رو رہے تھے اس نے مریم کو بھیجا کہ جا کر اپنی بڑی چچی سے پسا ہوا آٹا لے آئے، کل وہ پیس کر دے دیں گی۔ یہ ساری کارروائی دوست علی بیٹھا سنتا رہا، دوست علی، ابراہیم کا دور کا رشتے دار اور ایک ہی برادری کا تھا۔

کبھی کبھار ابراہیم کو دیکھنے آجاتا، جتنی دیر وہ بیٹھا رہتا، وہ باورچی خانے میں بیٹھی رہتی ، اس کے سامنے نہیں آتی، لسّی پانی مریم کے ہاتھ بھیج دیتی۔

’’بھائ ابراہیم!میں اپنا آٹا شہر کی چکّی سے پسوا کر لاتا ہوں، تم کہو تو تمہارا بھی پسوا کر لائوں، بھاجائی گھرمیں اکیلی ہے، پھر تمہاری بیماری، چھوٹے بچوں کا ساتھ، کہاں اتنا کام کر پاتی ہوگی۔‘‘ ابراہیم نے ہلکے سے سر ہلا کر اس کی بات کی تائید کی۔

اس کے بعد دوست علی جب بھی اپنا آٹا پسوانے شہر لے جاتا۔ تو ایک دن پہلے ڈیوڑھی پر کھڑا ہو کے زور سے کہتا۔

’’کل گندم باہر رکھ دینا، شہر لے جائوں گا۔‘‘

دوسرے دن وہ صبح کو دو بوریوں میں گندم ڈال کر ڈیوڑھی میں رکھ دیتی۔ وہ شام تک پسوا کر ڈیوڑھی میں رکھ دیتا اور وہیں سے ’’آٹا اٹھالیں‘‘ کی آواز لگا کر چلا جاتا۔

اس کی زندگی میں اک سہولت آئی تھی، کام کا بوجھ کم ہوا تھا، مگر وہ شوہر کے غم میں گھلی جارہی تھی، جسے پیٹ کا سرطان ہوگیا تھا اور ڈاکٹروں نے لا علاج قرار دے دیا تھا، صرف وقتی دوا تھی، درد کم کرنے والی وہ بھی کبھی اثر کرتی، کبھی نہیں، وہ درد سے یونہی تڑپتا رہتا۔ اس کی تکلیف ا س سے دیکھی نہیں جاتی، وہ اس کی پائنتی بیٹھی روتی رہتی۔

پھر بہت جلد ابراہیم کو اس درد و تکلیف سے ہمیشہ کے لےے نجات مل گئی۔ چھوٹے چھوٹے بچوں کے ساتھ وہ بالکل تنہا رہ گئی۔

زندگی کبھی کبھی بہت کڑا امتحان لیتی ہے اور اس کا بھی کڑا امتحان شروع ہوچکا تھا، بڑی مشکل سے اس نے عدت کے چار ماہ دس دن کاٹے تھے۔

اس کی چاول کی فصل کھیت میں تیار تھی اور بہت اچھی فصل تھی مگر عدت سے صرف بیس دن پہلے جب فصل آئی تو اس کو صرف تیس من چاول ملے تھے وہ حیران رہ گئی۔ اس نے دیورانی کی مدد سے دیور سے پتا کروایا کہ اس کھیت سے ہمیشہ سو من چاول آتے تھے، اب کی بار بھی سب کہہ رہے تھے کہ فصل اچھی ہوئی ہے، پھر تیس من کیوں آئے ہیں۔

دیورانی کے دل میں چور تھا، وہ اس سے وہیں لڑنے بیٹھ گئی۔

’’تم نے ہمارے احسانوں کا یہ صلہ دیا ہے کہ ہمیں چور بنا دیا ہے ہم نے تمہاری فصل کی اتنی دیکھ بھال کی ہے۔‘‘

وہ حیرت سے اس کا منہ تکتی رہ گئی، پھر وہ سمجھ گئی کہ زمین کسی کو بھی دے گی، اس کو اتنا ہی حصہ ملے گا۔ جس سے اس کا اور بچوں کا پیٹ بھی نہ بھر سکے اس نے اس وقت فیصلہ کر لیا تھا کہ وہ اپنی زمین پر خود ہی کاشت کرے گی، پہلے بھی تو زیادہ تر کام وہی کرتی تھی۔

عدت گزرنے کے بعد اس نے زمین کا کام بھی سنبھال لیا۔ کھیت اس کے گھر کی ڈیوڑھی پر ہی تھے۔

ابراہیم نے اپنے کھیت میں ہی گھر بنوایا تھا۔ جب ہل چلانا ہوتا تو وہ اپنے بھائی عیدو یا جمعو سے کہہ کر مزدوری پر ہل لگوالیتی، بیل کی جوڑی تو اس کی اپنی تھی۔

چاول کی فصل کے بعد جب گندم کی فصل آئی تو ڈیڑھ سو من گندم اس کی محنت کا منہ بولتا ثبوت تھی۔

وہ لوگ جو اس پر انگلیاںاٹھا رہے تھے کہ دیوروں کو زمین کاشت نہیں کرنے دیتی۔ ان سب لوگوں کی زبانیں بند ہوگئی تھیں، کیونکہ اس نے ہر بات، ہر طعنے کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور ثابت قدمی سے اپنے کام میںجُتی رہی اس نے اپنی ثابت قدمی اور انتھک محنت سے سب کی زبانوں کو خاموش کردیا تھا، کیونکہ اس کو اپنے پانچ بچوں کا پیٹ بھی پالنا تھا اور ان کی باقی ضرورتوں کا بھی خیال رکھنا تھا۔

کچھ دنوں کے بعد اس کا دیور اسماعیل، حمیدہ کی شادی کی تاریخ لینے آگیا۔ ابراہیم نے اپنی بیماری کے دنوں میں حمیدہ کا رشتہ بھتیجے انور سے طے کر دیا تھا، وہ تو اس کی شادی بھی کردینا چاہتا تھا، مگر بیماری کی شدّت نے اسے مہلت نہ دی۔

اس نے سوچا دیور کو انکار کرنا مناسب نہیں۔ بیٹی کا رزق تو بادشاہ کے گھر بھی نہیں۔ دیر سویر آخر بیاہنی تو ہے، پھر ابھی کیوں نہیں سو اس نے تاریخ پکّی کر دی۔

طے یہ پایا کہ شادی کے چند دن بعد انور گھر داماد بن کر رہے گا، ان کے کہے کے مطابق انور صرف گھر داماد ہی نہیں بنا، زمین کا وارث بھی بن گیا، اور نتیجتاً وہی تیس من گندم اب کی بار بھی اس کے حصے میں آئی تھی، وہ پریشان ہوگئی اور پتا کروانے پر علم ہوا کہ باقی کا اناج بیچ کر اس نے رقم اپنے باپ کو دے دی۔

یہ اچھا رکھوالا تھا جو اس کا گھر لٹانے پرتلا ہوا تھا۔ بہت سوچ بچار کرنے کے بعد چاول کی فصل اس نے خود کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

یہ بات انور کو ناگوار گزری، مگر وہ خود بولنے کے بجائے حمیدہ کو بھڑکانے لگا۔

دوسرے دن حمیدہ نے اس سے کہا کہ زمین انور ہی کاشت کرے گا۔ اس نے بیٹی کو حیرت سے دیکھا کہ شوہر اس کے شانے پر بندوق رکھ کر چلا رہا تھا۔

’’مجھے کوئی اعتراض نہیں اگر وہ دھنی (مالک) بن کر زمین سنبھالے وہ تو فصل کا چوتھا حصہ بھی ٹھیک سے نہیں دیتا۔‘‘

حمیدہ کو غصہ آگیا۔ ’’اماں! میرا شوہر چور نہیں ہے۔‘‘

’’تُو چپ کر، کل کی بچی ہے، تجھے کیا پتا زمانے کی اونچ نیچ کا، اگر زمین تیرے شوہر کے حوالے کرتی ہوں تو اپنے چار بچوں کو کہاں سے کھلائوں گی، راشن پانی، کپڑا لتا، راج بھاگ میں اٹھنا بیٹھنا، دینا دلانا، کہاں سے کروں گی، جو فصل تیرے شوہر اور اس کے باپ نے دی، اس سے تو ان معصوموں کا پیٹ بھی نہیں بھرتا۔‘‘

گزرتے وقت کے ساتھ حمیدہ دو بچوں کی ماں بن گئی تھی۔ وہ ابھی تک اس کے گھر میں رہتی تھی، میاں سمیت کیونکہ برادری والوں کا یہی کہنا تھاکہ جب تک اس کے بیٹے جوان ہوں، وہ ان کے ساتھ ہی رہے گا۔

ناچار اسے یہ بات ماننا ہی پڑی، وہ باہر جاتا گپیں مارکر اندر آتا پھر کھانا کھا کر پڑا اینڈھتا رہتا۔ اس نے کئی بار حمیدہ سے کہا تھا کہ وہ شوہر کو سمجھائے کہ کھیتی باڑی میں اس کا ہاتھ بٹادیا کرے، اب تو اس کے دو بچوںکا بوجھ بھی ہے مگر حمیدہ یہی کہتی کہ وہ کہتا ہے کہ اس پر چوری کا الزام لگاتھا، اس لےے وہ اب کام نہیں کرے گا۔

وہ سر پیٹ لیتی۔

وہ غصے میں کچھ کہتی تو حمیدہ رونے لگتی، لامحالہ اسے چپ ہونا پڑتا۔ زمین کا انتظام اس نے خود سنبھالا ہوا تھا، ہر چھ ماہ بعد بہت اچھی فصل آتی تھی اس کی، اس بار چاول کی فصل پر اس نے دل لگا کر محنت کی، اس محنت کا پھل اسے ملنے کا وقت آگیا تھا۔ اس کی فصل زمین پر پڑی تھی۔ اٹھا کر گھر رکھنے تک رات کا اندھیرا پھیل چکا تھا، اس نے گھر آکر انور کو چاول کی فصل پر ایک رات پہرہ دینے کوکہا کہ صبح تو اٹھا ہی لی جاتی مگر اس نے کوئی جواب نہیں دیا۔

وہ از حد پریشان ہوگئی اگر پہرہ نہیں بٹھاتی تو صبح تک فصل چوری ہوجاتی، کیا کرے؟ کیا خود جائے، مگر وہ عورت ذات کیسے ساری رات کھیت میں بیٹھی رہے۔ اگر کوئی چور اچکا یا بدمعاش آگیا تو وہ کیا کرے گی۔

پھر اس کے ذہن میں اک ترکیب آئی۔ اس نے آکر صندوق سے اپنے شوہر کے کپڑے نکالے، چند لمحے انہیں دیکھنے کے بعد وہ اپنے کپڑوں کے اوپر مردانہ شلوار قمیص پہننے لگی، پھر پٹکا (پگڑی) باندھا، گلے میں اجرک ڈال کر بڑی لاٹھی اٹھا کر وہ زمین پر چلی آئی۔

وہ اپنے چاولوں کی ڈھیر کے گرد ایک چکّر لگاتی چاروں طرف کا جائزہ لیتی پھر آرام سے بیٹھ جاتی۔ کافی دیر تک ارد گرد کسی کو نا دیکھ کر وہ مطمئن ہوگئی۔ نیم کے درخت کے تنے سے ٹیک لگائے اسے نیند آگئی تھی۔

کچھ دیر بعد مدہم آواز پر اس کی آنکھ کھلی اس نے بیٹھے بیٹھے جائزہ لیا کہ آواز کیسی ہے۔ اسے آخری ڈھیری پر اک آدمی بوری بھرتے نظر آیا۔ اس نے آہستہ سے اس کو مارنے کو ڈنڈا اوپر اٹھایا۔ اس نے مڑ کر مستعدی سے ڈنڈا پکڑلیا۔

اس نے اپنا پورا زور لگایا کہ ڈنڈا اس سے لے لے مگر اک مرد کے مقابل اس کی طاقت نے ساتھ نہ دیا۔ اس نے ڈنڈا اٹھا کر دور پھینکا اور اس سے گتھم گتھا ہو گیا۔ اس پر قابو پانے کے بعد فوراً اس کو احساس ہوا کہ جس سے وہ زور آزمائی کر رہا ہے وہ کوئی مرد نہیں ہے۔ اس نے اس کے پٹکے کو ہاتھ مار کر ایک ہی جھٹکے سے گرا دیا دو چوٹیاں جھولتی ہوئی اس کے شانوں پر آگریں وہ فوراً اس کو چھوڑ کر دور ہٹ گیا۔

وہ شرمندگی سی کھڑی ایک ہی جگہ جم کے رہ گئی۔

’’تُو عورت ذات، رات کو یہاں اس ویرانے میں کیا کر رہی ہے؟‘‘ وہ حیرت سے پوچھ رہا تھا۔

اس نے کوئی جواب نہیں دیا۔

وہ کچھ دیر کھڑا سوچتا رہا۔ ’’یہ زمین تو ابراہیم کی ہے توں ابراہیم جی گھر واری آھیں چھا؟‘‘ (تم ابراہیم کی گھر والی ہو کیا؟)

’’ہاں، تم دوست علی؟‘‘ اس کی آواز رندھ گئی۔

’’ہاں میں دوست علی ہوں، ابراہیم کے بھائی اور داماد مر گئے ہیں، جو تم یہاں پہرہ دے رہی ہو؟‘‘

’’میرا وارث ایک ہی تھا جو جا کر مٹی تلے سو گیا۔ باقی تو سارے چور ہیں۔ جو بوتے ہیں وہ سارا خود لے جاتے ہیں۔ چوتھا حصہ دیتے ہیں جس سے بچوں کا پیٹ نہیں بھرتا۔‘‘

’’اچھا ایسا کرنا جب تمہیں ضرورت ہو، مجھے کہلوا دینا، میں کر دیا کروں گا تمہارے کام۔ جب فصل پر پہرہ دینا ہو تو بھی مجھے بتانا، ان دنوں میں گائوں میں رہ جائوں گا، ابھی تو شہر میں نوکری مل گئی ہے، وہاں ہوتا ہوں۔‘‘

’’تم تو خود چور ہو، چوروں کاکیا بھروسہ؟‘‘ اس نے تلخی سے کہا۔

وہ قہقہہ مار کر ہنس پڑا۔

’’اچھا تم نے سمجھا میں تمہاری فصل چوری کر رہا ہوں، میں تو تمہیں یہاں دیکھ کر سستانے کو بیٹھ گیا تھا کہ ویرانے میں کوئی ذی روح تو ہے نا، تھک گیا تھا اس لےے۔ لاری خراب ہوگئی، بمشکل سامان اٹھاتے اٹھاتے پہنچا ہوں اور ابھی میرا گھر ایک میل دور ہے اس بوری میں سے ایک بھی دانہ اناج کا نکلے تو جو چور کی سزا وہ میری۔‘‘

اس نے نیچے گری ہوئی ٹارچ اٹھا کر بوری کا منہ کھول کر ٹارچ کی روشنی میں اس کو دکھایا، بوری کے اندر برتن کپڑے اور کچھ راشن کا سامان تھا۔

وہ سخت شرمندہ ہوگئی۔

’’اب یقین آیا؟‘‘

’’ہاں مجھے سمجھنے میں غلطی ہوگئی۔ اس لےے معاف کر دینا۔‘‘

’’چلو کوئی بات نہیں، ایسا کرو، تم گھر جا ئو صبح تک میں یہیں بیٹھا ہوں صبح تم آنا۔‘‘

وہ راضی نہیں ہورہی تھی، مگر دوست علی کے اصرار پر اسے گھر جانا ہی پڑا۔ اسے پتا نہیں تھا کہ اس کے لےے آگ بھڑکائی جارہی ہے دوست علی کے نام پر۔

دوست علی کا اس کے کام کر دینا، دیہاتی روایت کے عین مطابق تھا، ایک دوسرے کی مدد کرنا، ان کی طرزِ زندگی کا حصہ تھا، معمول تھا۔

مگر وہ عورت تھی ، وہ بھی بیوہ، بے وارث اس پہ جوان اور قبول صورت تھی۔ اس پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی گئی تھی۔ دوست علی کا شہر سے راشن پانی، کپڑا لتا لا کر دینے کو بہت غلط رنگ دے دیا گیا تھا۔

وہ ضرورت کی چیزیں منگوانے کے لےے اس کو پیسے بھیج دیتی، وہ لا دیتا، وہ صرف اس کے ہی نہیں اور لوگوں کے کام بھی کر دیتا تھا۔

اس کا بھائی جمعو اس کے پاس آیا، تو وہ اسے دیکھتے ہی نہال ہوگئی۔

’’بھلی کرے آئیں منہنجا مٹھڑا بھا! گھنے وقت کھاں پوئے چکر لگایو اتھئی۔‘‘

(خوش آمدید میرے میٹھے بھائی! بہت عرصے بعد چکر لگایا ہے۔)

مگر اس کے بھائی نے روایت کے مطابق ’’ادی بھلائی ھجنئی‘‘ (ادی تیری بھلائی ہو) نہیں کہا۔

’’دوست علی کے ساتھ کیا چکّر چلایا ہوا ہے تم نے؟‘‘ اس نے سختی سے پوچھا۔

’’ادا! اللہ پناہ میں رکھے میں کیوں چکّر لائوں اس سے، میرے لڑکے جوان ہورہے ہیں۔‘‘ وہ ششدر رہ گئی۔

’’تمہارے دیور آئے تھے ہمارے پاس کہ اپنی بہن کو سمجھائو، ہماری عزّت نیلام کررہی ہے۔‘‘

’’جھوٹ بولتے ہیں وہ، زمین پر خار لگائے بیٹھے ہیں مجھ سے۔ اب لڑنے کے بہانے ڈھونڈتے ہیں۔ یہ انور کا باپ اسماعیل تو میرے پیچھے ہی پڑ گیا ہے ادا!‘‘ وہ رو پڑی۔

جمعو خاموشی سے چلا گیا۔

اب کی بار دوست علی کی ماں آئی کہ کوئی کام ہو تو بتا دو، تو اس نے سارے حالات اس کو بتا کر منع کردیا۔

کچھ عرصے بعد وہ زمین پہ کام کر رہی تھی دوست علی وہاں سے گزرا تو رک کر اس سے حال احوال پوچھنے لگا غضب یہ ہوا کہ اسماعیل نے اسے بات کرتے دیکھ لیا۔ وہ چیخ چیخ کر لوگوں کو بلانے لگا کہ انہیں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ہے۔ انور او راسماعیل دوست علی کو مارنے لگے۔

وہ حیرت اور صدمے سے اس کو چھڑا بھی نہ سکی تھی۔ ان کے شور پر گائوں کے لوگ جمع ہوتے گئے۔ کس نے پکڑ کر اس کو گھر کے اندر کیا تھا۔ اس کے پیچھے ہی اس کے بھائی آئے تھے۔ نہ اس سے پوچھا نہ کچھ کہا آتے ہی اس کو مارنے لگے، وہ چلّاتی اپنا قصور پوچھتی ہی رہ گئی۔

’’عزّت نیلام کر دی ہے تم نے ہماری، پورے گائوں میں ذلیل کروا دیا، پہلے راتوں کو ملتی تھیں، اب اتنی دلیر ہوگئی ہو کہ دن دیہاڑے ملاقات کرنے لگی۔‘‘ جمعو چیخا۔

’’ارے بے غیرت سمجھ رکھا ہے تم نے ہمیں۔ تم یوں اپنی من مانی کرتی رہو گی اور ہم اندھوں کی طرح آنکھیں بند کر کے دیکھتے رہیں گے۔‘‘ عیدو اسے طیش سے لاتیں مارنے لگا۔

’’ادا! میں بے قصور ہوں۔‘‘ وہ روتے روتے صفائی دینے لگی۔

’’بس اس کا ایک ہی علاج ہے کہ اسماعیل سے اس کا نکاح پڑھوا دیا جائے۔‘‘

عیدو نے فیصلہ سنا دیا۔

’’میں اسماعیل سے شادی نہیں کروں گی اس نے مجھے ذلیل کیا ہے، جھوٹے الزامات لگا کے۔‘‘ وہ ان کے پیچھے چیخنے لگی۔

مگر اس کی ایک نہ سنی گئی۔ آٹھ دن کے بعد اس کا نکاح اسماعیل سے طے کر دیا گیا۔

اس کے اندر لاوا ابلنے لگا۔

’’میں مر کر بھی اسماعیل سے شادی نہیں کروں گی۔ ٹھیک دو دن بعد چھپتی چھپاتی دوست علی کی ماں اس کے لےے شادی کا پیغام لے کر آگئی اس کے پاس، اس نے فوری جواب نہیں دیا، مگر اس کے پاس سوچنے کے لےے زیادہ وقت نہیں تھا۔ اس نے اپنے دل کو ٹٹولا، عقل سے پوچھا، اسے دونوں ہی طرف سے ایک ہی جواب موصول ہوا۔ اگر دوسری شادی ہی کرنا ہے تو دوست علی سے ہی کروں گی، پھر اس نے دوست علی کی ماں کو رضامندی دے دی، وہ پھر دوسرے دن اس کا رشتہ مانگنے اس کے بھائیوں کے پاس آگئی، اسے پتا نہیں تھا کہ بھونچال آجائے گا، انہوںنے تو زلزلہ برپا کر دیا۔

’’ایک تو دوست علی نے ہماری عزّت پر ہاتھ ڈال کر سارے گائوںمیں رسوا کیا اور اب اس کی یہ ہمت کہ رشتہ بھیج رہا ہے، اس کا مطلب ہے کہ اسماعیل کی بات سچ ہے۔‘‘

اس کے دونوں بھائیوں نے اسے برا بھلا کہہ کر گالیاں دے کر گھر سے نکال دیا۔ پھر آکر اس کو زد و کوب کرنے لگے۔

’’تم سمجھتی ہو کہ عشق کر کے شادی کرو گی اور ہم تمہیں کرنے دیں گے۔ یہ بات دل سے بھی نکال دو۔ ہم تمہیں جان سے مار دیں گے۔‘‘ عیدو نے اس کو لات مارتے ہوئے کہا۔

اتنی بے عزّتی اتنی ذلّت اس کے اندر تو لاوا بھر گیا۔ غصے اور بے بسی سے اس کا جسم کانپنے لگا، وہ سارا دن ایسا گزارا کہ اس نے نہ کچھ کھایا نہ پیا۔

ساری رات وہ روتی اور زخم سہلاتی رہی۔ دوسرے دن پھر دوست علی کی ماں آگئی اور وہ غصے اور تکلیف میں اسے رضامندی دے بیٹھی۔ وہ گرمیوں کا اک گرم دن تھا۔

کڑکتی دھوپ میں پرندے بھی اپنے گھونسلوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے تھے، وہ خاموشی سے باہر نکل گئی۔ انور، اسماعیل کے ساتھ نکاح کا جوڑا اور چھوہارے لینے شہر گیا ہوا تھا، دوست علی گاڑی میں بیٹھا ہوا تھا۔

گاڑی میں بیٹھی شہر بانو نے آگ دہکاتے سورج کودیکھا اور پھراس کے اندر لگی ہوئی آگ نے سورج کی آگ کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

ئ ئ ئ ئ

مریم نے پہلی مار چودہ سال کی عمر میں کھائی تھی۔ فہمیدہ ماموں کے گھر گئی ہوئی تھی،وہ ڈیوڑھی میں اس کا انتظار کر رہی تھی۔ جب اس کے بھائیوں نے اسے ڈیوڑھی میں کھڑا دیکھ لیا تھا جب وہ مار مار کے تھک گئے تو اسے چھوڑ دیا۔

تب اسے پہلی بار ماں کی کمی شدّت سے محسوس ہوئی تھی۔ اگر وہ ہوتی تو اس کے بھائیوں کے ہاتھ ضرور روکتی مگر حمیدہ نے تو صرف زبانی کلامی کہنے پر ہی اکتفا کیا تھا۔ وہ کتنی ہی دیر بیٹھی روتی رہی۔

فہمیدہ کے آنے تک وہ روتی رہی، اس نے آکر اسے منایا تھا۔

جیسے جیسے اس کے بھائی بڑے ہوتے جارہے تھے۔ ان کے اوپر سختی میں اضافہ ہوتا جارہا تھا۔ فہمیدہ آئے دن ان کی مار سے تنگ آکر ماموں عیدو کے پاس چلی گئی۔اس نے چپ چاپ اس کا نکاح پڑھوا کر چپ چاپ رخصت کر دیا اس کے بھائیوں کو اور غصہ آیا کہ ماموں نے غیر برادری میں اس کی بہن بیاہ دی۔

انہوں نے ننھیال سے قطع تعلق کر لیا۔ ماموئوں سے بات چیت بند ہوگئی اب صرف وہ کبھی کبھار حمیدہ کے ساتھ چچا اسماعیل کے گھر چکّر لگالیتی تھی۔

مگر وہ جب بھی جاتی وہ سب لوگ اس کی ماں کو برا بھلا کہتے رہتے۔ بالآخر اس نے تنگ آکر وہاں بھی جانا چھوڑ دیا۔

کبھی کبھی اس کو اپنی ماں پر سخت غصہ آتا۔

کیوں اس نے اولاد کو دنیا کی ٹھوکروں میں رکھ دیا تھا کہ آئے دن ہر کوئی انہیں برا بھلا کہتا رہتا تھا۔

زمین اس کا بہنوئی انور اور چچا اسماعیل ہی کاشت کرتے تھے۔ حمیدہ ان کے ساتھ ہی رہتی تھی۔

وہ اپنے حصے کا کام کر کے پھر سارا دن کڑھائی کرتی رہتی۔ پڑوس کی کوئی عورت نیا ٹانکا سیکھتی تو وہ حمیدہ سے اجازت لے کر خود بھی سیکھنے جاتی۔

کبھی بھائی جو اس کو باہر سے آتے کہیں دیکھ لیتے تو اس کی شامت آجاتی۔ اس کے بھائیوں کے ذہنوں میں یہ بات بٹھا دی گئی تھی کہ ماں بھاگ گئی، تو بیٹیاں بھی بھاگ جائیں گی۔

اور ان کو بھاگنے سے روکنے کے لےے انہوں نے جوتی اٹھالی تھی۔ وہ ذرا ذرا سی بات پر بگڑتے تو اس کی دھنائی کر کے رکھ دئےے۔ چاچا نے زمین پر پوری طرح قبضہ کر لیا تھا۔ گھر میں تنگی تھی وہ ہر بات کا قصور وارماں، بہنوں کو ٹھہراتے، ایسے موقعوں پر حمیدہ بھاگ جاتی۔

کبھی کبھار، اس کا دل شدّت سے چاہتا کہ وہ ماں کے پاس چلی جائے۔ مگر ماں کا بھی کوئی اتا پتا نہیں تھا۔ بہت ڈھونڈنے کے بعد بھی وہ کسی کو نہیں ملی تھی۔

اس دن وہ چاچا اسماعیل کے گھر سے آرہی تھی، راستے میں گلاب کے کھیت تھے۔ سخت حبس اور گرمی کے بعد موسم ابر آلود ہورہا تھا، ایسے میں ہر طرف گلاب کے خوب صورت کھیتوں کی خوشبو چاروں طرف پھیلی ہوئی تھی۔

اس کا دل بے ساختہ گلاب توڑنے اور اس کی خوشبو کو اپنے اندر انڈیلنے کو چاہا۔

وہ رک کر لہلہاتے ہوئے گلاب کے پودوں کو دیکھنے لگی اس کے گائوں میں گلاب کی فصل بہت زیادہ ہوتی تھی۔

جب کبھی گائوں کی عورتیں گلاب کے پھول چننے کی مزدوری کرنے جاتیں تو اس کا بھی بہت دل کرتا کہ وہ بھی جائے۔ مگر اس کو اجازت نہیں ملتی تھی۔

’’یہ مار تو بات بے بات میرا مقدر ہے، کیوں نہ تھوڑا دل کی خواہش بھی پوری کر ہی لوں۔‘‘ وہ چلتے ہوئے کھیتوں کے اندر گھس آئی۔ اس کی سانسیں معطر ہوگئیں۔ وہ آنکھیں موند کر کھیت کے اندر بیٹھ گئی۔ اک گلاب اس کے چہرے سے ٹکرایا۔ وہ بے ساختہ ہنس پڑی کہ پودے اٹھکھیلیاں کرتے ہی ہیں۔

کچھ دیر بعد دوسرا گلاب اس کے چہرے سے ٹکرایا۔ اس نے پھر بھی آنکھیں نہیں کھولیں۔ تیسرا پھول بہت زور سے کسی نے اس کے چہرے پر مارا تھا اس نے گھبرا کر جھٹ سے آنکھیں کھول دیں۔ ارد گرد دیکھا، کوئی نہیں تھا۔ اس نے خوف زدہ ہو کر واپسی کے لےے قدم بڑھا دےے۔ تب ہی وہ ہنستے ہوئے اس کے سامنے آگیا۔

’’پھولوں کی شہزادی! کبھی ہمارے گھر بھی آجایا کرو، کب سے تمہاری راہ میں بیٹھے ہیں۔‘‘ اس نے ہاتھوں میں بھرے پھول اس پر نچھاور کر دےے۔

اس کا دل بہت زور سے دھڑکا تھا۔ خوف کے مارے اس کی جان نکل رہی تھی۔

مگر وہ اس کا راستہ روکے کھڑا تھا۔ ’’بولو آئو گی ؟‘‘

وہ سفید کلف والے شلوار قمیص میں ملبوس، آنکھوں پر دھوپ کا چشمہ لگائے اس سے پوچھ رہا تھا۔

’’ک۔۔۔کیوں؟‘‘ اس نے حیرت سے سوال داغا۔

’’تمہارے لےے ہی تو اس گائوں میں آتا ہوں۔ مگر تم ہو کہ گھر سے نکلتی ہی نہیں۔ آج تو میں اللہ سے دعا مانگ کر آیا تھا کہ تم سے بات ہوسکے اور دیکھو میری دعا تمہیں کھینچ کر لے آئی میرے کھیت میں۔‘‘

’’خدا کے واسطے میرے راستے سے ہٹ جائیں۔ کسی نے دیکھ لیا تو جان سے مار دیں گے مجھے میرے بھائی۔‘‘

’’وہ تو تمہیں اکثر مارتے ہیں، یہ کون سی نئی بات ہے؟‘‘

اس نے حیرت سے اسے دیکھا۔

’’میں تمہارے سارے حالات سے واقف ہوں۔‘‘

’’تم مجھے راستہ دو۔ میں ہاتھ جوڑتی ہوں۔‘‘ وہ خوف سے کانپتے ہوئے بولی۔

’’وعدہ کرو ملنے آئو گی۔‘‘

اس نے بے چارگی سے اسے دیکھا۔

’’ورنہ راستہ نہیں دوں گا۔‘‘ اس کے ہونٹ مسکائے۔

اس نے جان چھڑانے کی خاطر اثبات میں سر ہلا دیا۔

’’میں انتظار کروں گا۔ مجھے یقین ہے میری محبت تمہیں کھینچ لائے گی۔‘‘

اس کے لہجے میں کیسا یقین تھا۔ وہ فرار پاتے ہی دوڑ کر گھر کے اندر داخل ہوئی۔ اور خدا کا لاکھ لاکھ شکر ادا کیا کہ کسی نے اس کو دیکھا نہیں۔

ئ ئ ئ ئ

غلام مرتضیٰ نے اس کے گائوں میں تقریباً آدھی زمینیں مقاطعے پر لے رکھی تھیں اور وہ مہینے میں ایک دو بار زمینوں کی دیکھ بھال کرنے گائوں آتا تھا۔

وہ بڑا آدمی تھا۔ اپنی چمکتی ہوئی کار میں آتا، گائوں والے اس سے قرض بھی لیتے، وہ ان کو کماد وغیرہ قرض پر دینے لگا، جب فصل آتی تو وہ لوگ اس کا قرضہ اتار دیتے، اس نے انور اور اس کے بھائیوں کی اجازت سے ڈیوڑھی کے پاس کار کھڑی کرنا شروع کر دی تھی۔

کبھی گاڑی میں بیٹھا رہتا یا ٹیک لگا کر کھڑا ہوتا۔ زمین پر چکّر لگا کر پھر آبیٹھتا گاڑی میں۔ وہ جب بھی ڈیوڑھی کے لکڑی کے دروازے کے سوراخ سے دیکھتی وہ اسے نظر آتا۔

اس دن کے بعد اس نے باہر نکلنا چھوڑ دیا تھا۔

اسے ڈر تھا کہ اس کے بھائیوں اور بہنوئی کو پتا چل گیا تو وہ اسے جان سے مار دیں گے۔

البتہ ڈیوڑھی سے باہر جھانکنا تو اس کی عادت بن گئی تھی۔ ایسی ہی ایک گرمی کی دوپہر میں وہ اس کی جھلک پا کر ڈیوڑھی میں گھس آیا۔

’’پھر کیا سوچا ہے تم نے؟‘‘

’’کس بارے میں؟‘‘

’’شادی کرو گی مجھ سے؟‘‘

’’خدا کے لےے چلے جائو۔‘‘ اس نے اتنا کہہ کر اندر کی طرف قدم بڑھالےے۔ مرتضیٰ نے فوراً اس کو بازو سے پکڑ کر روکا۔

’’دیکھو، میں تم سے محبت کرتا ہوں اور شادی کرنا چاہتا ہوں۔ مجھے معلوم ہے کہ تمہارے رشتہ دار غیر برادری میں رشتہ نہیں دیتے۔ بس صرف یہی راستہ بچتا ہے کہ تم میرے ساتھ چل نکلو۔‘‘ وہ پہلے ہی خوف زدہ تھی۔ اس پر اس کی یہ بات سن کر اس کا چہرہ فق ہوگیا۔

’’دیکھو۔ تمہارے بھائی ایک نہ ایک دن تمہیں جان سے مار دیں گے۔ میں تمہیں ہر طرح کا سکھ دوں گا۔ تم صرف میرے دل کی نہیں بلکہ گھر کی بھی رانی بن کے رہو گی۔ میں یہ تم سے وعدہ کرتا ہوں۔ کبھی تمہیں دکھ نہیں دوں گا۔‘‘

اس نے مزاحمت کر کے اپنا بازو چھڑایا اور دوڑ کر اندر چلی گئی۔

اس کا دل زور زور سے دھڑک رہا تھا یہ اس کی محبت تھی یا پکڑے جانے کا خوف۔ وہ اندازہ نہ کر سکی۔ مگر اسے لگا کہ وہ اس کی پرکشش شخصیت سے متاثر تو ضرور ہوگئی ہے۔

سارا دن وہ غائب دماغ رہی۔ اس دن چاولوں میں نمک زیادہ ڈل گیا تھا۔ صادق نے جیسے ہی نوالا لیا، اس نے تھوک کر اگل دیا اور زور سے تھپڑ ا س کے منہ پر دے مارا، وہ چکرا کر گری۔ وہ اسے گالیاں دے رہا تھا۔

’’تُو بھی بدذات ہے۔ تُو بھی اس کی طرح بنے گی۔ اس سے پہلے میں تمہیں جان سے مار دوں گا۔‘‘ اس نے اس کے زمین پر پڑے وجود پر بے دردی سے لات ماری تھی۔

’’چھوڑ چھوڑ کیوں اپنی جوانی ضائع کرنے پر تلا ہے۔ ارے اسے مارے گا تو جیل میں جائے گا تُو۔ ارے اپنی زندگی خراب کرے گا کیا تُو؟‘‘ انور کا چھڑانا بھی نمک پاشی سے کم نہیں تھا۔

وہ مرد تھا اور مرد ہمیشہ مردوں کا ساتھ دیتے ہیں۔ وہ ساری رات اس نے کچھ نہیں کھایا نہ پیا۔ وہ اپنے زخم سہلاتی رہی۔ بچپن ہی سے وہ نفرت کا شکار ہوتے اور مار کھاتے آرہی تھی۔ وہ بار بار اپنی بد نصیبی پر سسکنے لگتی دوسرے دن وہ نہ چاہتے ہوئے بھی ڈیوڑھی کے پار جھانک بیٹھی وہ ڈیوڑھی کی طرف ہی دیکھ رہا تھا۔ چند منٹ بعد ہی وہ جائزہ لے کر ڈیوڑھی میں گھس آیا۔

پہلی بار سر جھکائے وہ خاموشی سے اس کی باتیں سنتی رہی۔ پھر بہت دیر بعد اس نے اپنے خدشات کا اظہار کیا۔

’’تم مجھے چھوڑ تو نہیں دو گے؟‘‘

’’ارے یہ تم نے کیسے سوچ لیا۔ تم تو مجھے میری زندگی سے بھی بڑھ کر عزیز ہو۔ یہ بات تو میں سوچ بھی نہیں سکتا۔‘‘

مریم کو زندگی میں گھر کے اندر صرف دھتکار ملی تھی۔ طعنے، نفرت، مار نتیجتاً اس نے باہر پناہ ڈھونڈلی۔

گھر میں اس کارشتہ آیا تھا اور اس کے دل سے چین اور آنکھوں سے نیند غائب ہوگئی۔

اگلی ملاقات پر اس نے مرتضیٰ کو ساری صورتِ حال سے آگاہ کیا۔ سن کر وہ خود پریشان ہوا ٹھا۔

اس کا ارادہ تھا کہ مقاطع کے بقیہ دو سال گزرنے کے بعد وہ اس گائوں کو چھوڑ دے گا اور اسے آرام سے نکال کر لے جائے گا۔

مگر یہ صورتِ حال اس کے لےے بھی پریشان کن تھی۔

’’میں تمہیں سوچ کر بتائوں گا۔‘‘ وہ سوچتے ہوئے بولا۔

گھر میں اس کا رشتہ منظور کرلیا گیا تھا۔ وہ لوگ آکر اسے دوپٹا پہنا کر مٹھائی کھلا کر رشتہ طے کر گئے تھے۔ وہ روتی رہی اور اس کے رونے کو باپ کا گھر چھوڑنے کے دکھ میں رونا فرض کر لیا گیا۔ مگر کسی کو کیا پتا کہ اس کو تو اپنے دل کا درد رُلا رہا ہے۔ مرتضیٰ کی محبت رُلا رہی تھی۔

اک وچھوڑے کا درد دوسرے جبر کا احساس تیسرا اپنا من پسند شریکِ حیات نہ ملنے کا غم اسے ہلکان کر رہا تھا۔

اب کی بار جو مرتضیٰ ملنے آیا تو سارا بندوبست کر کے آیا اور اس کو سب کچھ سمجھا کر چلا گیا۔

رات کو اس نے دودھ چولہے سے اتار کر چینی کے ساتھ مرتضیٰ کی دی ہوئی پڑیا بھی ڈال دی۔ دودھ پی کر سب سوتے ہی رہ گئے اور وہ آدھی رات کو باہر نکل گئی۔ اس نے گائوں کی پگڈنڈی چھوڑ کر کھیتوں کے درمیان والا راستہ اپنایا۔

کیونکہ پگڈنڈی کے کنارے لگے درختوں کے نیچے لوگ چارپائیاں ڈال کر سو رہے تھے اور مویشی بندھے تھے۔وہ کسی طرح بھی خطرہ مول لینا نہیں چاہتی تھی۔ اندھیرے میں کھیتوں کے درمیان آہستہ آہستہ چلتے ہوئے ڈیڑھ میل کا فاصلہ بھی وہ کافی دیر میں طے کر سکی۔

مین روڈ پر وہ گاڑی لےے کھڑا تھا۔

وہ آرام سے بیٹھ گئی اور مرتضیٰ نے گاڑی آگے بڑھا دی۔ اس نے قرآن پر ہاتھ رکھوا کر اس سے وعدہ لیا تھا کہ وہ اسے سیدھا لے جا کر نکاح پڑھوائے گا۔

شہر میں اس کے گھر میں گواہوں کے طور پر چند دوست مولوی کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔

اسے اپنی خوش قسمتی پر یقین نہیں آرہا تھا کہ وہ اس پُرتشدد ماحول سے جان چھڑا کر نکل آئی۔ اس نے خود کو بلندیوں پر محسوس کیا تھا۔ اس نے جسے چاہا، وہ اس کو مل گیا۔ چاہنے والوں کی اس سے بڑی خوش نصیبی کیا ہوگی بھلا۔

نکاح کے بعد مرتضیٰ اس دن گائوں میں زمینوں پر چکّر لگانے گیا تھا تاکہ اس پر کسی قسم کا شک نہ ہو۔ اس میں سب سے بڑی آسانی یہ رہی کہ ان دونوں کا گائوں میں کوئی راز دار نہیں تھا۔

وہ گائوں پہنچا تو سارے گائوں کے لوگ پریشان تھے۔

’’وہ چھوری سب کو نشہ پلاکر فرار ہوگئی۔ یہ دن چڑھے تک سوتے رہے۔ جب اٹھے تو پتا چلا مریم تو ہے نہیں۔ سارے گائوں میں ڈھونڈ کر تھک گئے تو اب تھانے میں رپورٹ درج کرانے گئے ہیں۔‘‘

صادق کا چہرہ غصے سے لال ہورہا تھا۔ وہ شام تک وہاںبیٹھا رہا۔ انور آیا تو ان سب سے مل کر ہر طرح کی مدد کا یقین دلایا۔

’’یہ پیسے رکھ لو، ڈھونڈنے کے لےے خرچہ کرنا پڑے گا، کام آئیں گے۔‘‘ اس نے ہمدردی سے ان کے شانے تھپتھپائے اور چلا آیا۔

ساری کارروائی آکر مریم کو بتائی اس کی ساری پلاننگ بہت کامیاب رہی تھی۔

ئ ئ ئ ئ

بچپن سے جو طعنہ وہ سنتی آئی تھی، خود بھی وہ کام کر بیٹھی اس کو پتا تھا کہ اس طعنے کی اذیت بہت ہے۔ معاشرہ بھاگی ہوئی عورت کو عزّت کی نگاہ سے نہیں دیکھتا۔ وہ ہمیشہ اس طعنے کی سولی پر لٹکتی رہے گی۔

مگر یہ طعنہ اس اذیت سے کم تھا۔ جو اذیت وہ بچپن سے سہتی آئی تھی۔

یہ انسان کی فطرت ہے جس چیز سے وہ بھاگتا ہے وہ اس پر تھوپ دی جائے تو وہ نڈر ہو کر اس کی طرف بھاگتا ہے اس کی ماں بھاگ گئی تھی۔ یہ گالی اس نے اتنی بار سنی تھی کہ اب یہ اس کے لےے گالی نہیں رہی تھی۔

اس نے اپنی زندگی میں اگر کوئی خوشی دیکھی تھی تو وہ مرتضیٰ کی صورت میں دیکھی تھی۔ بہت خوب صورت گھر تھا اس کا، مرتضیٰ کی محبت تھی۔ خوش حالی تھی اور سکون تھا جس کے لےے وہ ساری عمر ترسی تھی۔

وہ زمینوں پر جاتا اور گائوں کی سب خبریں آکر اس کو بتاتا۔ ’’وہ لوگ اب ڈھونڈ کر خاموش ہو کر بیٹھ گئے ہیں مگر کہتے ہیں کہ مریم جب بھی ملی تو اسے گولی ماردیں گے۔‘‘

وہ یہ سن کر خوف زدہ ہوجاتی، مرتضیٰ بے ساختہ ہنستا۔

’’تم کیوں پریشان ہوتی ہو میں ہوں نا تمہارے ساتھ۔‘‘ مرتضیٰ کے دِلاسے پر اس کو مضبوط سائبان کا احساس ہوتا۔

اسے اپنی خوش نصیبی پر یقین ہی نہ آتا۔ بعض دفعہ اسے سب کچھ بہت عجیب، بہت انوکھا لگتا۔ اتنی محبت، اتنی توجہ، اتنی عزّت یہ سب کچھ صرف خواب لگتا۔ مرتضیٰ نے اسے محبت دی تھی، تحفظ دیا تھا سب سے بڑھ کر عزت دی تھی، وہ اس کی پوجا کرنے لگی تھی۔

اس نے مرتضیٰ سے اس کے والدین کے بارے میں کئی بار پوچھا تھا وہ ہمیشہ کہتا کہ ’’میری ماں بچپن میں ہی فوت ہوگئی۔ باپ نے دوسری شادی کرلی، میں بڑا ہوا تو اپنا حصہ دے کر کہا کہ اب اپنی ذمہ داری خود اٹھائو۔ میں نے زمین سنبھالنے کے ساتھ پڑھائی بھی جاری رکھی اب کسی اچھی نوکری کی تلاش میں ہوں۔‘‘مگر مجھے پروا نہیں کیونکہ اپنی زمین کے علاوہ مقاطعے کی زمینوں کی آمدنی اتنی ہوتی ہے کہ میں تو کیا میری اولاد بھی آرام سے گزارہ کر سکتی ہے۔‘‘ وہ اسے دیکھ کر شرارتاً کہتا تو وہ شرماجاتی۔

مگر جب یہی خوش خبری شادی کے ایک سال کے بعد اس نے مرتضیٰ کو سنائی تو وہ سوچ میں پڑ گیا۔

’’ابھی سے؟‘‘

’’کیوں آپ کو خوشی نہیں ہوئی؟‘‘ اسے رنج ہوا۔

’’نہیں، میں تو یہ چاہ رہا تھا کہ تم اس جھنجھٹ میں ابھی نہ پڑو کیونکہ تمہاری توجہ بٹ جائے گی۔‘‘ وہ مسکرایا تھا۔

’’نہیں بٹے گی۔ آپ تو میرا سہارا ہیں، سائبان ہیں، میری زندگی کی سب سے بڑی خوشی ہیں۔‘‘ اس نے بڑے مضبوط لہجے میں یقین دلایا تھا۔

وہ چپ رہ گیا۔

تب وہ اس کی بھید بھری چپ کو سمجھ نہیں پائی تھی۔

ئ ئ ئ ئ

مرتضیٰ دو دن سے زمینوں پر گیا ہوا تھا۔ وہ اس سے پہلے کبھی ایک رات بھی کہیں نہیں رکا تھا کے پیچھے وہ گھر میں اکیلی ہوگی۔

تیسری رات بھی گزر گئی۔ یہ تینوں راتیں جیسے اس نے سولی پر سوتے جاگتے گزار دی تھی۔ وہ رو رو کر اس کی واپسی کی دعائیں مانگتی رہی۔

چوتھے دن وہ تو نہیں آیا، مگر مہر علی شاہ آگیا۔ وہ اک اجنبی مرد کو دروازے پر دیکھ کر حیران رہ گئی۔ فوراً دوپٹا ٹھیک کیا۔

’’مجھے غلام مرتضیٰ نے کہا تھا کہ آج وہ گھر خالی کر دے گا۔ میں اسی سلسلے میں آیا ہوں، مگر آپ لوگ تو ابھی گئے نہیں۔‘‘

اس نے نظریں جھکائے بات کرتے اس اجنبی مرد کو دیکھا۔ اس کے پلّے ایک لفظ بھی نہیں پڑا تھا۔

’’جی آپ کیا کہہ رہے ہیں، یہ تو ہمارا گھر ہے۔‘‘

وہ مرد مسکرایا۔ ’’نہیں اماں! یہ میرا گھر ہے۔ پچھلے دو سال سے کرائے پر دے رکھا ہے۔‘‘

’’آپ پہلے تو کبھی نہیں آئے۔‘‘ اس کے پائوںکے نیچے جیسے زمین کھسکتی جارہی تھی۔

’’اس لےے کہ غلام مرتضیٰ مجھے خود آکر چھ ماہ کی ادائیگی یکمشت کر جاتا تھا۔ اب مجھے پیسوں کی ضرورت پڑی ہے تو گھر بیچ رہا ہوں اپنا۔‘‘

’’مگر ادا! میرا شوہر تو گھر میں نہیں ہے۔ وہ آئے تو آپ اس سے بات کرلیں۔‘‘

’’ٹھیک ہے ادی! میں آٹھ دن بعد پھر آئوں گا، ابھی آپ ہیں گھر میں، اس لےے مناسب نہیں سمجھتا کہ گراہک کو گھر دکھائوں۔‘‘

وہ چلا گیا، مگر اس کی حالت اور خراب ہوگئی۔ وہ تڑپ تڑپ کر اس کی واپسی کی دعائیں کرنے لگی۔ اب تو گھر میں پڑا راشن بھی ختم ہورہا تھا۔

دودھ اور سبزی تو پہلے ہی ختم ہوگئی تھی۔ وہ اس ڈیڑھ سال میں پڑوس میں بھی کہیں نہیں گئی تھی۔ کسی سے بھی اس کی جان پہچان نہیں تھی، ضرورت کی ہر چیز وہ اس کو خود لا کر دیتا تھا۔ اسے کبھی بھی اس سے پیسے مانگنے کی ضرورت پڑی نا ہی اس نے خود سے کبھی دےے، کہ وہ کسی پڑوس سے کہہ کہ دودھ ہی منگوالیتی۔ اک سونے کی انگوٹھی، بندے اور چین تھی، جو اس نے حق مہر میں دے دےے تھے اور کچھ بھی اس کے پاس نہیں تھا۔

عجیب واہمے اس کو پریشان کرتے رہے۔

’’کہیں میرے بھائیوں نے تو اس کو نہیں مار دیا۔ یا اس نے مجھ کو چھوڑ تو نہیں دیا۔‘‘ مگر اس بات پر اس کو ابھی تک یقین نہیں آرہا تھا۔ یقینا کسی مجبوری کے تحت وہ نہیں آیا، ورنہ وہ ضرور آتا لوٹ کر۔

یہ آٹھ دن بھی روتے سسکتے گزر گئے۔ وہ نہیں آیا مگر مہر علی شاہ ضرور آگیا۔

’’اماں! ادی میں بہت مجبور ہوں مجھے قرضہ دینا ہے۔ تب ہی مجبوری میں یہ شہر والا گھر بیچ رہا ہوں۔ اگر مجبوری نہ ہوتی تو میں آپ کو کبھی تنگ نہ کرتا۔ اگر مرتضیٰ ابھی تک نہیں آیا تو آپ اپنے میکے چلی جائیں۔‘‘

’’کوئی نہیں ہے میرا۔‘‘ وہ بے ساختہ رو پڑی، اس کی حالت بہت خراب تھی۔ آٹا، چاول، سب ختم تھے۔ ایک مٹھی دال پڑی تھی، جو کل اس نے پتلی کر کے اس کے گھونٹ بھرے تھے، صبح سے خالی پیٹ تھی سوائے پانی کے اس کے معدے میں کچھ نہیں گیا تھا۔

وہ گیٹ پر کھڑی تھی، کیونکہ مہر علی شاہ نے اندر آنے سے گریز کیا تھا۔ اس وقت ڈاکےے نے آکر اک لفافہ اسے تھمایا۔

اس نے خاموشی سے وہ لفافہ مہر علی شاہ کی طرف بڑھا دیا۔

’’کیا لکھا ہے سائیں؟‘‘ اس کی لمبی خاموشی سے گھبرا کر اس نے پوچھا۔

’’ادی! مرتضیٰ نے تمہیں طلاق دے دی ہے۔‘‘

بھوک کی وجہ سے پہلے ہی کھڑا ہونا دشوا رتھا۔ اب تو اور مشکل ہوگیا۔ اس نے مضبوطی سے دروازے کا پٹ پکڑنا چاہا مگر لہرا کر زمین پر گری اور غافل ہوگئی۔

ئ ئ ئ ئ

اس کا ذہن ابھی غنودگی میں تھا۔

’’ادی آمنہ! اب مائی(عورت) کی طبیعت کیسی ہے؟‘‘ اک آواز اس کی سماعتوں تک پہنچی۔

’’جیجی! ابھی تک تو ہوش میں نہیں آئی۔‘‘

’’مہر علی شاہ کہاں گیا؟‘‘

’’گھر کا سودا ہورہا ہے، اسی کے لےے گیا ہے۔‘‘

’’اس کے کام ہمیشہ الٹے رہے ہیں۔ اتنی شاہ خرچیاں اچھی نہیں ہوتیں، ہمیشہ میانہ روی اپنانی چاہےے کہ بندے پر کوئی کڑا دن نہ آئے۔ پیسہ تو پانی کی طرح بہاتا ہے۔ اب دیکھو پریشانی میں بنا بنایا شہر کا بنگلہ بیچ رہا ہے۔‘‘

’’ہاں جیجی! وہ ایسا ہی ہے۔ لاکھ سمجھایا مگر اپنی روش نہ بدلی۔‘‘

کچھ باتیں اس کی سمجھ میں آرہی تھیں، کچھ نہیں۔ اس نے نقاہت سے کراہتے ہوئے آنکھیں کھول دیں۔

’’ادی! مائی کو ہوش آگیا۔‘‘ وہ خوب صورت عورت اس پر جھک آئی۔

’’اب طبیعت کیسی ہے؟‘‘ اس نے اس کا گال سہلایا۔ وہ خالی نظروں سے سے دیکھتی رہی۔

’’ادی آمنہ! تم جائو اس کے لےے کھانا لے آئو۔‘‘ وہ گندمی رنگت اور بڑی آنکھوں والی عورت اس کے قریب آگئی۔ ’’کیا نام ہے تمہارا؟‘‘

’’مریم!‘‘ اس کا گلا رندھ گیا۔

’’شاباش اٹھو یہ کھالو۔‘‘ اس نے بی بی آمنہ کے ہاتھ سے ٹرے لے کر چارپائی پر رکھی۔

اس نے کھانے کو دیکھا، اسے یاد آیا کہ اس نے کھانا نہیں کھایا تھا، اس کے گھر میں کچھ نہیں تھا، اسے بھوک لگی تھی۔

اسے یاد آیا کہ وہ گھر سے بھاگی ہوئی عورت ہے اور اب اس کا کوئی میکہ نہیں، نہ ہی کوئی پناہ گاہ ہے اسے یاد آیا کہ مرتضیٰ جس کی محبت اس کی رگوںمیں دوڑتی تھی۔ وہ اس کو چھوڑ کر اپنی زندگی سے نکال کر پتا نہیں کہاں چلا گیا تھا۔

اسے یاد آیا کہ جس چھائوں پر وہ مغرور ہورہی تھی۔ وہ تو صرف بادل کا ٹکڑا تھا، سورج نکلنے پر ساتھ چھوڑ گیا۔ اب وہ کڑی دھوپ میں ننگے سر کھڑی تھی۔

وہ رونے لگی تو جیجی نے اسے گلے لگالیا۔ زبردستی اسے چند نوالے کھلا کر پانی پلایا تو اس کو کچھ بونے کی ہمت پیدا ہوئی۔ اس نے جیجی کو ہمدرد پا کر اپنی کتھا سنائی۔

سیّدوں کے گھرانے میں جیجی کا کردار کبھی ختم نہیںہوتا۔ دوسروں کے دکھ بانٹنے والی، مدد کرنے والی وہ بھی ایسی ہی جیجی تھی۔

جیجی کے دِلاسے سے پر ان کے غموں کی شدّت کم ہونے لگتی۔

سرجیس تہ سور ساما یس تہ سکھ ویا

ایہے بئی پورموں نمانی نصیب تھیا

(بچپن میں دکھوں سے پالا پڑا۔ بڑی ہوئی تو سارے سکھ چلے گئے۔ یہ دونوں باتیں مجھ نمانی کو نصیب ہوئیں۔)

جیجی نے اس کی داستان سن کر ٹھنڈی آہ بھری اور شاہ کا بیت پڑھا تھا۔ وہ اور سسکنے لگی تو جیجی نے اس کے سر پر ہاتھ رکھا۔

’’کیوں روتی ہو نمانی!سب سے بڑا سہارا تو اللہ کا ہوتا ہے۔ انسانوں کے سہارے تو بڑے کمزور اور ختم ہونے والے ہوتے ہیں۔‘‘

’’کیوں مایوس ہوتی ہو۔ جب تک چاہو ہمارے پاس رہو سمجھو کہ اپنے ہی گھر میں رہ رہی ہو۔‘‘

جیجی اور اس کی چھوٹی بہن بی بی آمنہ نے جیسا کہا تھا ویسا کر کے دکھایا۔

آہستہ آہستہ اس کے زخم مندمل ہوتے گئے۔ جیجی کی صحبت نے اسے شکر کرنا سکھا دیا تھا۔ اور جس دن ماروی پیدا ہوئی، اس دن اس نے مرتضیٰ کی محبت سے اپنا دل خالی کر لیا تھا۔ اس نے جیجی سے کہا۔

’’میں اس کا نام ماروی رکھوں گی۔‘‘

جیجی بے ساختہ مسکرائی۔ ’’ہاں ضرور رکھو، تمہاری بیٹی ہے۔‘‘

’’پتا ہے جیجی! میں اس کا نام ماروی کس لےے رکھ رہی ہوں۔‘‘ وہ مسکرائی ۔ ’’اس لےے کہ یہ اپنی اور ماں کی عزّت رکھنے والی بنے۔ اپنی لوئی (چادر)عزّت کی خود محافظ بنے۔‘‘

’’اللہ تمہارے دل کی مراد پوری کرے گا مریم!‘‘ جیجی نے ماروی کی پیشانی چومتے ہوئے کہا۔

مریم آبدیدہ ہوگئی۔ ماں سے اس کی ملاقات اتفاقیہ تھی۔ اس کی ماں جیجی سے دعا کرانے آئی تھی۔ مریم کو دیکھا تو چونک گئی۔ اتنا وقت نہیں گزرا تھا کہ بیٹی کو نہ پہچان پاتی۔ وہ بے تاب ہو کر بولی۔

’’جیجی! یہ تو میری بیٹی ہے۔‘‘

جب وہ گئی تھی تو مریم دس سال کی تھی۔ اسے ماں کی شبیہ اچھی طرح یاد تھی۔

وہ دونوں اک دوسرے سے لپٹ کر رو رہی تھیں۔ اس کو اپنی ایک اولاد مل گئی تھی۔ دوست علی سے اس کی کوئی اولاد نہیں ہوئی تھی۔ مریم کو دیکھ کر جیسے اس کے دل کو چین آگیا تھا۔

وہ ہمیشہ جیجی سے دعا کرانے آتی کہ اپنی اولاد کو زندگی میں ایک بار دیکھ لے اور اس بار تو اس کو اپنی ایک بیٹی مل ہی گئی تھی۔ جیجی کی آنکھیں بھی ان کے ملاپ پر نم ہوگئی تھیں۔

’’میں نہ کہتی تھی مریم! اللہ پر بھروسا رکھو، وہی سبب بناتا ہے، دیکھو، تمہیں زندہ رہنے کے لےے سہارا مل گیا ہے۔‘‘

جیجی نے بہت ساری دعائوں اور تحائف کے ساتھ اسے رخصت کیا تھا۔

ئ ئ ئ ئ

ماروی نے سر اٹھا کر نانی کو دیکھا تھا۔ جن کے چہرے پر اس عمر میں نواسی کے سامنے راز کھلنے پر شرمندگی کی پرچھائیاں تھیں اور آنکھوں میں پانی تیر رہا تھا۔ اسے نانی کسی تھکے ہوئے مسافر کی طرح لگیں۔ جس کے اندر آگے چلنے کا یارا نہیں رہا تھا، مسافری کی ہمت جواب دے چکی تھی۔

اس نے اٹھ کر ان کے گلے میں بانہیں ڈال دیں۔ شانے پر سر رکھ کے بے اختیار رو پڑی۔

نانی کے آنسو گالوں پر بہتے رہے۔

اس کے بعد کے سارے حالات اس کے سامنے تھے۔

’’نانا دوست علی اس سے بہت پیار کرتے تھے۔ وہ ان کی محبت آج تک نہ بھول پائی تھی۔ یہ گھر انہوں نے نانی کے نام کر دیا تھا۔ جس میں وہ آج تک سر چھپائے بیٹھے تھے۔ نانا کی وفات کے بعد اماں کو وکیل صاحب کے گھر کام مل گیا تھا۔ وکیل صاحب کی بیگم کو فالج نے معذور کر دیا تھا۔ اماں نے ان کے گھر اور بچوں کی ذمہ داری اس طرح سنبھالی کہ آج ان کی عزّت گھر کے فرد کی طرح کی جاتی تھی۔ کچھ نانا کی دکان سے کرایہ آجاتا جس سے گزر بسر ہوجاتی تھی۔ ایک لغزش کے بعد مریم نے پوری زندگی جس طرح گزاری تھی، وہ اس کے سامنے تھی۔

ئ ئ ئ ئ

نانی کے آنسوئوں سے دھلے چہرے پر صدیوں کی تھکن اتر آئی۔ اس نے بے ساختہ ان کے ہاتھ چوم لےے۔

’’نانی یہ سب باتیں مجھے پہلے کیوں نہیں بتائیں؟‘‘

’’ڈرتے تھے بیٹا! کہیں تم بھی ہمیں برا بھلا نا کہنا شروع کر دو۔ ہمارے پاس تمہارے سوا اور تھا ہی کیا جس کو گنوا دیتے۔‘‘

’’نہیں نانی! آپ کبھی بھی مجھے گنوا نہیں سکتی تھیں۔ جتنا آپ کو ڈر ہے اتنا ہی مجھے بھی ہے۔ میں آپ لوگوں کے بغیر رہ نہیں سکتی۔ معاشرے کے جبر پر تو آپ لوگوں کی قدر و منزلت میرے دل میں اور بڑھ گئی ہے۔ آپ لوگوں نے اپنا حق مانگ کر کوئی جرم نہیں کیا۔ میں ہوتی تو میں بھی یہی کرتی۔‘‘

’’اللہ نہ کرے کہ تم پر ایسا وقت آئے میری جان! ‘‘نانی کی آنکھیں نواسی کا اعتماد پا کے چمکنے لگیں۔

’’عورت کے بارے میں ذاتی ملکیت کا تصور آخر کب تک معاشرے کے اندر رائج رہے گا۔ کب تسلیم کیا جائے گا اس کے جیتے جاگتے وجود کو۔ کب زندگی جینے کے حقوق ملیں گے؟ سماج کے اندر عورت پر جبر کی روایات کو ٹوٹنا چاہےے۔ اب دور آگیا ہے کہ تسلیم کریں کہ عورت بھی دماغ رکھتی ہے۔ خواہشوں سے بھرا دل رکھتی ہے۔ اپنی سوچ و فکر رکھتی ہے۔ زاویۂ نگاہ نقطۂ نظر رکھتی ہے۔‘‘ وہ سوچتی ہوئی باہر نکل آئی۔

اس نے ماں کو ڈھونڈنے کے لےے چاروں طرف نگاہ دوڑائی۔ عام طور پر اس وقت وہ کچن میںمصروف ہوتی تھی۔ مگر کچن کا بند دروازہ اسے یہ باور کروا رہا تھا کہ آج چولہا نہیں جلا۔

مغرب کی نماز پڑھ کے شاید مریم وہیں بیٹھ گئی تھیں۔ نیم کی گھنی شاخوں کے نیچے نانی کے تخت پر۔ صحن کی لائٹ آف تھی۔ ملگجا سا اندھیرا چاروں طرف پھیل رہا تھا۔ وہ برآمدے کے ستون پر ہاتھ رکھے دور سے ماں کے تھکے ماندے زندگی کی لمبی مسافت طے کر کے آنے والے، بے وفائی کے زخموں سے چور وجود کو دیکھتی رہی۔

یہ مردوں کا معاشرہ تھا۔ اور مردوں کے اس معاشرے میں اس کا جرم کیا تھا؟ اس نے مظالم سے تنگ آکر ایک مرد کی محبت پر بھروسا کیا تھا اور اس مرد کی وقتی طلب وقت کے ساتھ ختم ہوگئی۔

ماروی کا دل اس کی محبت سے بھر گیا، وہ آہستہ سے چلتی ہوئی اس کے پیچھے آئی۔ اور اس کے گلے میں بانہیں ڈال کر اس کی پیشانی پر اپنے لب رکھ دےے۔

مریم کو اس کی گرم جوش محبت اور لمس محسوس کر کے ایسا لگا کہ جیسے لمبی مسافت کے بعد اس کو منزل مل گئی ہو۔ اس نے فوراً اس کو بازوئوں میں بھرا اور اس کے رخساروں پر لب رکھ دےے۔

اس کی خاموش آنکھوں سے آنسو نکلے تھے۔ یہ آنسو دکھ کے نہیں، خوشی کے تھے کہ وہ اپنی بیٹی کی نظروں میں سرخرو تھی۔ ساری عمر وہ بیٹی کی نظروں میں گرنے سے ڈرتی رہی تھی، آج یہ ڈر اس کے دل سے نکل گیا تھا تو اس ڈر کی جگہ بیٹی کے دکھ نے لے لی تھی۔

ئ ئ ئ ئ

مسلسل چار راتوں کی بے خوابی، پریشانی، اذیت کے بعد آج وہ پُرسکون تھی۔ اس نے فیصلہ کرلیا تھا کہ وہ ہتھیار نہیں ڈالے گی۔ مرد کے اس معاشرے میں لڑ کر اپنے حقوق حاصل کرے گی۔ وکیل صاحب پوری طرح اس کے ساتھ تھے۔ این جی او میں اس کے ساتھیوں نے بھی مدد کا یقین دلایا تھا۔ وہ اس کے کردار کے گواہ تھے۔ اس کی بیلنس شیٹ بالکل صاف تھی۔ کرپشن کا کوئی بھی الزام ثابت نہیں کیا جاسکتا تھا پھر وہ کیوں ڈرتی۔ اسے لڑناتھا، سجاد علی جیسے بھیڑیوں کے خلاف جہادکرنا تھا۔

ئ ئ ئ ئ

اس کے دوست ، حقوقِ نسواں کی تنظیموں کے نمائندے، مشہور کالمسٹ، ایڈیٹر صاحب سب گل کے ڈرائنگ روم میں جمع تھے۔

سرمد سانگی نے ماروی کی چھ سالہ سروس کی کارکردگی، تنظیم سازی، ترقیاتی اسکیموں اور اس نئے پروجیکٹ کے بارے میں بریف کیا جس کی وجہ سے وہ رسک لینے پر تیار ہوگئی۔

سجاد علی کے اغوائ، سیل فون ریکارڈ اور میسیجز میں دی جانے والی دھمکیوں کا پورا ریکارڈ پیش کیا کہ کیسے اس نے اخباری مہم کے ذریعے اس کی کردار کشی کی۔

ایڈیٹر صاحب ساری تفصیلات سننے کے بعد کھڑے ہوگئے۔ ’’مجھے اس بات کا شدت سے احساس  ہے بلکہ سخت شرمندگی ہے کہ یہ خبر میرے اخبار نے آئوٹ کی۔ با حیثیت ایڈیٹر میں سمجھتا ہوں کہ اخباری خبروں کے سچی یا جھوٹی کی پرکھ کے لےے اک ضابطۂ اخلاق ہونا چاہےے۔ جس پر عمل کرتے ہوئے اخبار اصل حقائق عوام کے سامنے لاسکیں۔ میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ لفافوں اور پلاٹوں کی زرد صحافت کا دور اب ختم ہونا چاہےے۔ اسی لےے آج میں جلال کو اس کی ملازمت سے برطرف کر آیا ہوں۔ میں مس ماروی سے معافی کا طلب گار ہوں کہ ہماری چھوٹی سی کوتاہی نے انہیں ذلّتوں کے کنویں میں دھکیل دیا۔ ہمیں اپنی ماروی پر بڑا ناز ہے ۔‘‘ سارے شرکائ نے اس کو اپنے تعاون کا بھرپور یقین دلایا۔ اپنے قلم کو متحرک رکھنے کا وعدہ کیا۔

وہ بولنے کے لےے اٹھی تو اک نظر سانگی کو دیکھا۔ جو سر جھکائے بیٹھا تھا، اگر اس کو دیکھ رہا ہوتا تو یقینا کنفیوژ ہوجاتی۔

’’میں آپ کے اس تعاون اور مہربانی پر شکر گزار ہوں۔ صرف یہ کہنا چاہتی ہوں ہم عورتیں مردوں کے معاشرے میں اور کچھ نہیں مانگتیں سوائے ان حقوق کے جو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں دےے ہیں۔ ہم مادر پدر آزادی نہیں چاہتیں نا ہی مردوں کے قدم سے قدم ، کندھے سے کندھا ملانا۔ ہمیں صرف آزادی سے سانس لینے کا حق دو کیونکہ ہمارے اندر بھی وہی روح ہے۔ جو مردوں کے اندر ہے۔ معاشرہ ہمیں عزت سے کام کرنے کی اجازت اور فیصلہ کرنے کااختیار دے۔

ہم آپ سے یورپ کی طرز کی وہ آزادی نہیں چاہتے جہاں عورت کھلونا اور مرد تماش بین ہوں۔ ہم آپ سے وہی عزت و حرمت چاہتے ہیں ، گر مدینے کی بازار میں اک مسلمان عورت کے جّبّے  کا پلّو بھی اگر کوئی یہودی اٹھا دے تو مسلمان مل کر بنی قینقاع پر گھیرا تنگ کر کے انہیں شام میں پناہ لینے پر مجبور کر دیں۔‘‘ اس نے اک لمحے کا توقف کیا۔

’’میں اپنی ذات کے بارے میں کیا کہوں صرف یہی کہ میں وہ ماروی ہوں جو اپنی چادرِ عزت کی مر کر بھی حفاظت کرتی ہے۔ ‘‘ اس کے بیٹھنے تک تالیاں بجتی رہیں۔ اس چھوٹی سی میٹنگ کو کانفرنس کا نام دے کر متفقہ قرار داد منظور کرلی گئی۔

آفیسر سجاد علی کو فوری طور پر برطرف کیاجائے۔ ورکنگ وومین کی ہراسمینٹ ختم کرنے کے لےے قانون سازی کی جائے۔ عورت کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کر کے سجاد علی جیسے افسران کا محاسبہ کیا جائے۔ عورت کو جسمانی،ذہنی ٹارچر سے بچایا جائے۔ یہ ذمہ داری ریاست کی ہے۔ ریاست اپنی ذمہ داری کو نبھائے۔

وہ سب پریس کلب آئے، مظاہرہ کیا، قرار داد کا متن پیش کیا۔این جی اوز کی ہیڈ آفس، متعلقہ وزارتوں کو ای میل اور فیکس کےے۔

سرمد نے اپنے پتّے چن چن کر کھیلے تھے۔ سجاد علی کے کھیل کا پانسہ پلٹ گیا تھا۔ اخبارات میں آرٹیکلز کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ’’ماروی آج بھی سندھ کی پہچان‘‘۔ ’’این جی اوز میں عورت کا کردار‘‘۔ ’’تحفظ کے لےے کون سی زنجیر ہلائیں‘‘۔ ’’چادر ، عزت اور ماروی‘‘۔ ’’عورت، جبر اور روایات‘‘۔ ’’بھیڑیوں کو جکڑو۔‘‘

ئ ئ ئ ئ

سرمد اپنی مطلوبہ معلومات اکٹھی کر چکا تھا۔ وہ سیدھا سجاد علی کے آفس چلا آیا۔

بوسکی کے سوٹ میں ملبوس سندھی ٹوپی پہنے گلے میں اجرک ڈالے اور ہاتھ میں فائل پکڑے سرمد سانگی اس کے سامنے سر اٹھا کے کھڑا تھا۔ دھوپ سے آنے کی وجہ سے اس کی پیشانی پر پسینے کے ننھے قطرے چمک رہے تھے۔

فائل اس کے سامنے رکھ کر دونوں ہاتھ ٹیبل پر رکھ دےے۔ اور ٹھہرے ہوئے انداز میں بولا۔

’’اس فائل میں تمہارے کرپشن کے ثبوت ہیں۔ ان تمام رقومات کی تفصیل جو تم نے خردبرد کی ہیں۔ ماروی کے خلاف تو شاید تم ایک بھی ثبوت پیش نہ کر سکو، لیکن تمہارے خلاف بے شمار لوگ گواہی دینے کے لےے تیار ہیں اور یہ فائل۔‘‘ اس نے دوسری فائل اس کے سامنے پھینکی۔

’’اس فائل میں وہ تصاویر ہیں، جو تمہاراسر جھکانے کے لےے کافی ہیں۔ تم اپنے گھر کی بھی کچھ خبر رکھا کرو، صرف معصوم لڑکیوں کے پیچھے لگے رہتے ہو تمہاری بیوی، تمہاری ناک کے نیچے تمہارا منہ کالا کر رہی ہے، تمہاری بیٹی، کبھی پتا کرایا کہ اکثر کالج سے غائب ہو کر کہاں جاتی ہے۔ اور تمہار ابیٹا وہ کن جرائم پیشہ لوگوں میں اٹھتا بیٹھتا ہے کیایہ اسٹوریز لگوادوں اخبارمیں؟ وہ مسکرایا۔

اس کا چہرہ فق ہورہا تھا۔

’’کل کے اخبار میں تمہاری تردید ہونی چاہےے کہ ماروی کا تمہارے ساتھ کوئی تعلق نہیں، نہ ہی اس نے کوئی کرپشن کی، ناہی تم سے بڑی رقوم لیں، یہ سب اس کے خلاف سوچی سمجھی سازش تھی، اور اگر کل کے اخبار میں تمہاری طرف سے تردید نہ آئی تو پرسوں کے اخبار میں یہ اسٹوریز اور تصاویر۔۔۔‘‘ وہ خاموش ہوا۔ ’’پڑھنے والوں کی توجہ ضرور کھینچ لیں گی۔‘‘

اس کی پھٹی پھٹی نگاہیں، کھلی فائل پر اپنی بیٹی کی تصویروں پر تھیں۔

سرمد سانگی اس کویوں ہی چھوڑ کر باہر نکل گیا۔

ئ ئ ئ ئ

سجاد علی کو عارضی طور پر معطل کر کے ہیڈ آفس رپورٹ کرنے کو کہا گیا تھا۔

سرمد اس کی معطّلی کی خبر لے کر سیدھا ماروی کے پاس آیا۔

’’وہ معطل ہوا ہے اس کی معطلی عارضی ہے، کیونکہ یہ بیورو کریسی کی ہمیشہ سے پالیسی رہی ہے۔ بڑی سے بڑی غلطی پر بھی افسران کو صرف عارضی طور پر معطل کیا جاتا ہے۔‘‘ ماروی نے پھیکی سی مسکراہٹ کے ساتھ کہا۔

’’صحیح کہہ رہی ہو مگر ہمارے لےے یہ کامیابی بھی کافی ہے کہ تمہاری ملازمت بحال ہوگئی ہے‘‘ سرمد سانگی نے اسے بغور دیکھا۔

’’مگر میں ریزائن کر رہی ہوں، میں اب ان لوگوں کے ساتھ کام نہیں کر سکتی۔‘‘

’’نہیں، تم ایسا کچھ نہیں کرو گی، ماروی! ہمارا مان ہے، اپنی چادر، عزّت، اپنی دھرتی اور غریب ماروی ہم وطنوں کی محبت کا سمبل ہے۔ تمہیں اس ماروی کے لےے لڑنا ہے، اس کو اس کا مقام دلانا ہے۔‘‘

سرمد کے لہجے کا یقین اور احترام دیکھ کر وہ گنگ سی اسے دیکھتی رہ گئی تھی۔ تحفظ کے بے پناہ احساس نے اسے گھیرے میں لے لیا تھا۔

اس کے اندر جینے کی امنگ جاگی تھی۔ دل نے پہلی بار اس کے ہمیشہ کے ساتھ کی تمنا کی تھی۔

ئ ئ ئ ئ

’’آخر کب منہ سے کچھ پھوٹو گی۔ وہ بے چارہ کب سے انتظار کر رہا ہے۔اس کی ماں بہنیں آنے کے لےے تیار ہیں۔‘‘ گل چڑ کر کہہ رہی تھی۔

’’میری طرف سے تم کہہ دو اسے۔‘‘ ماروی نے اسے اور چڑایا۔

’’اپنے معاملات خود سنبھالو، مجھے دنیا میں اس کے علاوہ بھی کام ہیں۔ آج شام تیار رہنا۔ ہم چائے ساتھ پئیں گے۔ میں تمہیں پک کرلوں گی۔‘‘

سانگی کو اس نے پہلے ہی فون کر دیا تھا۔

المنظر پر شام بڑی رنگین اور حسین تھی۔ گل سیڑھیاںاترتی نیچے دریا کے پانی میں پائوں ڈبو کے بیٹھ گئی اور وہ دونوں دریا کے کنارے پڑی کرسیوں پر بیٹھ گئے۔ ہر طرف پلّا مچھلی کی اشتہا انگیز خوشبو پھیلی ہوئی تھی۔ بہت سارے لوگ صرف پلّا کھانے آتے۔ تو بہت سارے اس حسین منظر کو اپنی یادوں کا حصہ بنانے آتے تھے۔ وہ سندھو کے کنارے سر جھکائے بیٹھ گئی۔ اس کے سامنے سرمد سانگی تھا۔ اس کی پشت سندھو کی طرف تھی۔

اور وہ اپنے سندھو کے سامنے بیٹھا تھا۔ اپنے دریائے محبت کے سامنے۔ اسے لگا وہ صدیوں سے وہاں ایستادہ ہے۔ اس نر تکی کے انتظار میں جو موہن جو دڑوکے کھنڈرات سے صرف اس کے لےے نکل کر آئی ہے۔ مگر وہ نر تکی اس کے گرد محو رقص نہیںہے وہ خود اس کے گرد خارمی رقصم کی زندہ جاوید دھن پر رقصاں ہے۔ بہت دور جامی گارہا تھا اور وہ رقص کر رہا تھا۔

ماروی نے آہستہ سے اپنی اداس آنکھیں اس کی طرف اٹھائی تھیں۔

اس کا رقص رُک گیا۔ اسے لگا کہ ماروی نے اپنی لوئی لج (چادر کی عزّت) کی حفاظت کے واسطے عمر کو ایسے ہی دیکھا ہوگا۔

ان آنکھوں کی اداسیوں نے اس کو ساکت کیا تھا۔ خارمی رقصم کی دھن اس کی سماعتوں سے بہت دور چلی گئی تھی۔ اور تھر کے تھوہروں کے کانٹے اس کے پائوں میں چبھنے لگے تھے۔

اتنے سالوںمیں ایک حرف شکوہ اس کے لبوں پہ نہ آیا تھا۔ اسے اس شخص پر بے طرح پیار آیا۔

جو کارونجھر جیسا مضبوط اور مہان تھا، جس کو یقین نہ آتا تھا اس کی محبت کا۔ آج وہ جام شورو کی ٹھنڈی ہوائوں میں اسے اپنی محبت کا یقین دلانے کا عہد کر کے نکلی تھی۔ مگر یہ خود سے کیا ہوا عہد، اس کے آگے کمزور پڑتا گیا۔ اظہار کے وہ سارے باب جن کو جمع کرکے وہ لائی تھی، وہ اک اک صفحے کی طرح بکھرنے لگے تھے۔ اس نے شاھ کریم بلڑی والے کی طرح صابرین اس شخص کو دیکھا۔

’’محبت سے آشنائی کو کچھ زیادہ عرصہ تو نہیں ہوا۔ مگر سرمد؟‘‘وہ رکی تھی۔

’’میں اسے پہچاننے لگی ہوں۔‘‘ اس نے ٹھہر ٹھہر کر جملہ مکمل کیا۔

سرمد نے اپنی رُکی سانس سندھو کی مٹی سے مس ہوتی ہوائوں کے سپرد کی۔

’’میں نے اس کو یوں پہچانا کہ میں جہاں نظر آتی ہوں۔ وہاں ہوتی نہیں۔ ہم جو دیکھتے ہیں۔ دراصل وہ دیکھ نہیں رہے ہوتے۔ ہم سن رہے ہوتے ہیں۔ مگر نہیں سن رہے ہوتے، سب کے ساتھ ہوتے ہیں مگر کسی کے ساتھ نہیں ہوتے، ہم ہو کر بھی نہیں ہوتے۔

ہماری موجودگی مکالمہ گفتگو صرف اسی کے ساتھ ہوتی ہے۔ جس کے ساتھ ہم نہ ہو کر بھی ہوتے ہیں۔ ذات کے اندر محب، محبت اور محبوب کا اک مسلسل ختم نہ ہونے والا مکالمہ چلتا رہتا ہے۔ میں نے محبت کے وجود کو بے خودی سے پہچانا ہے۔ وہ بے خودی جو خود میں نہیں رہنے دیتی۔‘‘

اس کی آنکھیں ایک دم سے نم ہوئی تھیں۔

اور اس مضبوط آدمی نے آنکھیں موند کر چند لمحوں بعد اسے دیکھا۔ اس کی آنکھوں میں نمی اپنی آنکھوں میں جذب کر لی تھی۔

طمانیت کا اک سندھو اس کے رگ و پے میں بہہ رہا تھا۔ جس کو سالوں سے اس نے اپنی آنکھوں میں بسائے، سوچوں میں بٹھائے رکھا۔ جو اس کی سلطنت دل کی فاتح تھی۔ وہ اپنے مفتوح سے بے خبر نہیں۔ وہ آشنائے محبت تھی۔ بادشاہ کی سب سے بڑی خوبی ہی یہ ہوتی ہے کہ رعایا سے بے خبر نہ ہو۔ بے نیاز نہ ہو اور رعایا کی بھی اس سے بڑی خوش نصیبی نہیں ہوتی کہ فاتح مفتوح سے بے نیاز نہیں۔ بہت سال وہ اس غریب رعایا کی طرح ہی تو رہا تھا۔ جو بادشاہ کی نظرِ کرم کی منتظر ہوتی ہے۔ یہ سب محبت کے کرشمے ہیں کہ وہ بادشاہ اس وقت خود کو خادم ثابت کر رہی تھی اور سرمد سانگی اس وقت اپنی خوش قسمتی سے معانقہ کر رہا تھا۔

’’محبت نے مجھے خود میں نہیں رہنے دیا۔ مجھے اپنے آپ سے چھین کر کسی اور کا بنا دیا ہے۔ مجھے خود سے بے گانہ کر دیا ہے۔ خود سے بے پروا بنا دیا ۔‘‘ اس نے بہت گہری سانس لی تھی۔ ’’محبت نے مجھے خود رفتگی، بے ساختگی، خود آگہی سے آشنائی دی۔

’’اور تم۔۔۔ تم کہتے ہو سرمد سانگی! تمہیں میرے دل کا پتا نہیں ہے۔ تم میرے دل کی بات نہیں جانتے؟‘‘

سرمد نے سرشاری سے اس کا یہ مدہم لہجے میں اظہار بمشکل سنا تھا۔

وہ یک ٹک اسے دیکھتا رہا۔ اپنے موہن جو دڑو کی رقاصہ کو اپنی ماروی کو جس کی محبت اس کی رگوں میں دوڑ رہی تھی۔ سانسوں میں پنپ رہی تھی۔

بیرے نے آکر تازہ تلی ہوئی پلّا ان کے سامنے رکھی۔

جس سے بھاپ نکل رہی تھی۔ ماروی نے گل کو بلالیا تھا۔ بارشوں کے بعد سندھو دریا کا سینہ چاک نہیں رہاتھا۔ پانی نے اس کو نیا جوبن اور جوانی عطا کر دی تھی۔

’’مجھے لگتا ہے میرا تمہارے بن ایسے ہی گزارا نہیں جیسے مچھلی کا پانی کے بغیر۔‘‘ سرمد نے مسکرا کر کہا۔

’’میرا عشق بھی مچھلی کے عشق جیسا ہے۔ مچھلی پانی سے نکلتے ہی مرجاتی ہے کیونکہ اس کی زندگی کا محور پانی ہے اورمیری زندگی کا محور تم ہو۔ مچھلی کو پکنے کے لےے چولہے پر رکھ دو تو بھی بخارات اڑتے رہتے ہیں وہ پانی کے ہجر پر کتنا شور کرتی ہے۔ تیل کا ہر بلبلہ اس کی تڑپ کا پتا دیتا ہے۔ وہ چولہے پر بین کرتی رہتی ہے۔ اس کے اندر سے پانی ختم ہوجاتا ہے۔ وہ ہمارے معدے میں چلی جاتی ہے۔ مگر اس کے عشق کی پیاس ختم نہیں ہوتی الٹا ہمیں بھی پیاسا بنا دیتی ہے۔‘‘ماروی اس کی دلکش باتوں پر مسکرانے لگی۔ وہ مچھلی کھانے کے بعد سارا دن پانی پیتی تھی۔ اسی لےے نانی رمضان میں اسے سحری میں کھانے نہیں دیتی کہ پیاس زیادہ لگے گی۔

’’مچھلی کا عشق پانی سے اپنی ہئیت مکمل طور پر تبدیل ہونے تک بالکل فنا تک ختم نہیں ہوتا۔ کچھ انسان بھی ایسا ہی عشق کرتے ہیں جس میں سرمد سانگی بھی ایک ہے۔‘‘ گل نے ٹکڑا لگایا۔

لوگ کشتیوں میں گھوم رہے تھے۔

ماروی نے اپنے سامنے بیٹھے شخص کو دیکھا جس نے اس کے دل میں محبت کو منتقل و مستقل کردیا۔

اس نے پلّا کھانے سے ہاتھ روک کر اس کو میسج کیا۔

’’زندگی میں جہاں جہاں آپ کا ساتھ ہے وہاں حسن ہے، دلکشی ہے، رنگ ہیں، رعنائی ہے، ہمیں ایسا جہاں تعمیر کرنا ہے جہاں دلوں کی بادشاہت اور محبتوں کا راج ہو۔‘‘

سرمد نے میسج ٹون پر سیل فون اٹھایا۔ ماروی کا نام اسکرین پر جگمگا رہا تھا۔

میسج پڑھ کر اس کے لبوں پر بہت دلکش مسکراہٹ آئی تھی۔ اس نے بہت توجہ اور محبت سے ماروی کو دیکھا۔

’’اچھا ہماری بلی، ہمارا بلا اور ہمیں کو میائوں۔ مجھ سے پردہ، میسجز کا سہارا، میں احتجاجاً واک آئوٹ کر رہی ہوں۔‘‘

گل ان پر مصنوعی غصہ نکال کے پھر سندھو کے پانیوں سے اٹکھیلیاں کرنے چلی گئی تھی۔

سندھو کنارے محبت کا میلا لگا تھا۔ رنگ تھے، روشنیاں تھیں، خوشیاں اور آسودگیاں تھیں۔

سائینم سدائیں کریں متھے سندھ سکار

دوست مٹھا دلدار، عالم سبھ آباد کریں

(سارے دوستوں اور میٹھے دلداروں اور پورے عالم کو آباد رکھنا۔)

*****

اس تحریر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں