لو اپنی بھی سحر ہوئی – آمنہ ریاض

ناولٹ 2

وہ آنکھیں مسلتی ہوئی اٹھی تھی کھڑکی کے کھلے پٹ سے سورج کی تروتازہ کرنیں جیسے اس کا منہ چڑا رہی تھیں نہایت ناگوار شکل بنائے اب وہ کھڑکی میں کھڑی سورج کی ان تروتازہ کرنوں کو گھور رہی تھی جنہوں نے اب براہ راست اس کے وجود کا احاطہ کیا ہوا تھا۔

’’میں تم سے عشق کرتی بشرطیکہ تم روزانہ نہ آیا کرتے۔ اب بھگتو روز آجانے کا نتیجہ۔‘‘ وہ سورج سے مخاطب ہوئی پھر دھڑ سے دونوں پٹ بند کر دےے۔ جب سے ہوش سنبھالا تھا اس سارے مکان میں اسے یہی ایک کھڑکی زہر لگتی تھی جو بدقسمتی سے تھی بھی اسی کمرے میں جو اس کا اور مائدہ کا مشترکہ مسکن تھا اسے بارش بھی بہت اچھی لگتی تھی مگر تب زہر لگنے لگتی جب وہ بلا اجازت ہی اس کھڑکی سے اندر گھس کر زمین پر بچھا کارپٹ اور میز پر پڑی کتابیں گیلی کر دیتی۔ اٹھلاتی ہوا کتنی دلفریب محسوس ہوتی ہے مگر ذرا اس اٹھلاہٹ میں جوش آتا تو کمرے میں گرد کا ڈھیر لگ جاتا۔ (یہ الگ بات ہے کہ اس گرد کو اس نے کبھی جھاڑنے کی زحمت نہ کی تھی۔ یہ کام کرنے کی حق دار بلا شرکت غیرے مائدہ ہی تھی) پھر سب سے بڑھ کریہ بدتمیز سورج جو طلوع ہونے میں ایک پل کی بھی دیر نہ لگاتا تھا اور کم بخت طلوع بھی تو اسی کھڑکی کے عین سامنے ہوا کرتا تھا بلکہ ’’میبہ‘‘ کو تو یقین تھا کہ سورج صرف اسی کو چڑانے کے لےے مشرق سے نکلتا ہے۔ ورنہ باقی کی تین سمتیں بھی سارا دن فارغ ہی رہتی ہیں وہ بوجھل آنکھوں اور سست قدموں سے چلتی کچن میں آگئی مائدہ برنر کے قریب کھڑی جانے کیا فرائی کر رہی تھی۔

’’السلام علیکم پیا۔۔۔‘‘ مائدہ نے ذرا سا سر موڑ کر اسے دیکھا پھر سلام کا جواب دے کر بولی۔

’’بستر سے نکل آئی ہو تو کم سے کم منہ ہی دھولو۔‘‘

’’خوامخواہ دھولوں۔‘‘ وہ کرسی گھسیٹ کر بیٹھ گئی۔ ’’آپ نے سنا نہیں شیر کبھی منہ نہیں دھویا کرتے۔‘‘

’’یہ بات شیروں کے لےے کہی گئی ہے شیرنیوں کے لےے نہیں۔‘‘ اس کی بات پر میبہ بھی تھوڑا سا مسکرائی پھر میز پر سر ٹکادیا۔

’’پیا۔۔۔‘‘ مائدہ کی پشت پر نظریں ٹکائے اس نے پکارا۔

’’ہوں۔‘‘

’’پیا! ہم اپنے روم کی کھڑکی بند نہ کروادیں۔‘‘ نیند سے بوجھل آنکھیں موند کر کہا بلکہ پوچھا تو جواب میں کورا ’’نہیں‘‘ سننے کوملا جھنجلا کر سر اٹھایا۔

’’کیوں بھلا۔۔۔؟ وہ آفتاب کا بچہ ہر روز مجھے تنگ کرتا ہے۔‘‘ اس نے الجھن بیان کی تو مائدہ مسکرا کر اس کے پاس آبیٹھی۔

’’رات کو جلدی سویا کرو آفتاب تنگ نہیں کرے گا۔‘‘ کوئی نئی شکایت تو تھی نہیں پھر رٹی رٹائی باتوں کے جواب میں رٹی رٹائی باتیں ہی سننے کو ملتی ہیں۔ میبہ نے چڑ کر بازوئوں میں منہ چھپانا چاہا تو مائدہ نے ٹوک دیا۔

’’جلدی سے ناشتا کرلو پھر یونیورسٹی۔۔۔‘‘

’’جی نہیں! یونیورسٹی نہیں جانا مجھے۔۔۔ آج چھٹی ہے۔‘‘ اس نے مائدہ کی بات قطع کی۔

’’یہ ہفتے میں چار چھٹیاں کب سے ہونے لگیں۔اپنی وہیل چیئر گھسیٹ کر اندر آتی بی بی نے اس کی آخری بات ہی سنی تھی تب ہی اسے کڑی نظروں سے گھورا۔

’’جب چھٹیاںہی کرنی تھیں تو ایڈمیشن لیا ہی کیوں تھا خوامخواہ اتنے روپے خرچ کر دےے۔‘‘

’’یہ یونہی کہہ رہی ہے بی بی۔‘‘ مائدہ ان کی چیئر ڈائیننگ ٹیبل کے قریب لے آئی۔ میبہ اطمینان سے آملیٹ کھا رہی تھی سر اٹھا کر بولی۔

’’میں یونہی نہیں کہہ رہی آج واقعی گھر پر آرام کرنے کا ارادہ ہے میرا۔‘‘

’’ابھی تو تمہاری کلاسز اسٹارٹ ہوئے کچھ ہی دن ہوئے ہیں شروع سال سے ہی اتنی چھٹیاں کرو گی تو ہوچکا تمہارا بی ایف اے۔‘‘ اس کے شہنشاہی انداز پر مائدہ نے بھی ذرا سختی سے گھُرکا تو وہ منہ بسورنے لگی۔

’’پلیز پیا! صرف آج چھٹی کر لینے دیں نا پھر۔۔۔ آج صفائی کون کرے گا جیراں بھی تو چھٹی پر ہے۔‘‘

’’اس کی تم فکر مت کرو جانے سے قبل میں سب کام نمٹا کر جائوں گی۔‘‘ میبہ نے گہرا سانس بھر کر خاموشی اختیار کی ، خبر تھی آج کوئی عذر کام نہیں آئے گا۔

’’تمہاری فلائٹ کتنے بجے ہے؟‘‘ بی بی نے مائدہ سے پوچھا تو میبہ چونک کر دونوں کی صورتیں دیکھنے لگی۔

’’کس کی فلائٹ؟‘‘

’’ساڑھے بارہ بجے۔‘‘ اس نے پہلے بی بی کو جواب دےا پھر کپ میں چائے انڈیلتے ہوئے اس کی طرف دیکھ کر بولی۔

’’میں آج کراچی جارہی ہوں۔‘‘

’’واپس کب آئیں گی؟‘‘

’’دو روز بعد۔‘‘

’’کیوں جارہی ہیں۔‘‘ اس نے یونہی پوچھا تھا مگر خبر نہ تھی کہ بی بی کو اتنا ناگوار گزرے گا، ڈپٹنے والے انداز میں بولیں۔

’’وہاں گھر ہے اس کا جب چاہے جائے جب چاہے واپس آئے تم کو کیا تکلیف ہے جو یوں سوال پہ سوال کےے جارہی ہو۔‘‘ مائدہ نے انہیں تھوڑی سی حیرانی سے دیکھا تھا اتنا طویل جملہ، وہ بھی ایک ہی سانس میں، یہ بی بی کا شیوہ تو قطعاً نہ تھا۔ اس نے میبہ کی جانب دیکھا جس کے چہرے پر شرمندگی کی سرخی بکھری پڑی تھی۔

’’مائرہ کی انگیجمنٹ ہورہی ہے، میں نے بتایا تھا نا تم کو؟‘‘ مائدہ کے پوچھنے پر اس نے اثبات میں سر ہلا دیا پھر کچھ سوچ کر خود ساختہ جوش سے بولی۔

’’میں بھی چلوں پھر ہم اکٹھے ہی واپس آجائیں گے لیکن نہیں، مجھے دیکھتے ہی ماموں ایسی صورت بنالیتے ہیں جیسے کڑوا کریلا نگل لیا ہو۔‘‘ اس کا جوش صابن کے جھاگ کی طرح بیٹھا تھا۔

چند لمحوں کے لےے کچن کی گرم فضا بوجھل خاموشی سے لبریز رہی تھی پھر مائدہ ہی نے ماحول کی کثافت کو کم کیا، اب وہ میبہ کو ضروری ہدایات دے رہی تھی۔ ’’کیمپس ضرور جانا، بی بی کو کھانا ٹائم پر کھلا دینا، میں نے سوپ بنادیا ہے، بی بی کو ٹائم پر دوا کھلا دینا،رات کو سوتے ہوئے سب کھڑکی دروازے ٹھیک سے چیک کر لینا اور سب سے اہم بات رات کو جلدی سے سوجانا، وغیرہ وغیرہ۔‘‘ میبہ چڑ گئی۔

’’آپ دو دن کے لےے جارہی ہیں یا دو صدیوں کے لےے؟‘‘ مائدہ ہنس دی۔

’’وہ جو بتا رہی ہے، دھیان سے سنو کچھ تمہاری بھی ذمہ داریاں ہیں، آخر کب تک سنبھالے گی مائدہ۔ کل کو جب یہ چلی جائے گی تو پھرکون کرے گا یہ سب؟‘‘ آج بی بی ان دونوں کو حیران کرنے پر بضد تھیں۔ ظاہر ہے میبہ سمجھ ہی گئی تھی کہ اس ’’کل‘‘ سے مراد وہ اگلے روز والا کل نہیں بلکہ وہ ’’کل‘‘ ہے جب ہر لڑکی کو چلے جانا ہوتا ہے۔ سو وہ کرسی گھسیٹ کر اٹھ کھڑی ہوئی۔ کچن سے نکلتے ہوئے اس نے مائدہ کی آواز سنی تھی۔

’’مجھے کہاں جانا ہے بی بی! میں تو ہمیشہ آپ ہی کے پاس رہوں گی۔‘‘ میبہ کے قدم وہیں دروازے میں اٹک گئے، چوکھٹ پر ہاتھ رکھے اس نے گردن موڑ کر دیکھا۔ مائدہ کے بازو بی بی کے گلے میں ہار کی طرح لٹک رہے تھے۔

’’میں بھی تو یہی چاہتی ہوں پیا! کہ آپ کہیں ناجائیں۔‘‘ وہ اپنے کمرے کی طرف بڑھ گئی تھی۔

٭٭٭

ڈرم اسٹکس سے سجی پلیٹ پر پڑا آف وائٹ کڑھائی والا رومال ٹھیک کرتے ہوئے ا س نے پنجوں کے بل کھڑے ہو کر گیٹ کے دوسری جانب جھانکا، پورچ خالی تھا۔ دائیں طرف چھوٹا سا لان بھی خاموش تھا۔ برآمدے میں رکھا میز اور اس کے گرد پڑی سفید کرسیاں بھی کسی ذی نفس کا پتا نہیں دے رہی تھیں۔ اس نے تھک کر ایڑھیاں بھی نیچے رکھ دیں۔ پچھلے منٹ میں اس نے پورے اکیس بار گھنٹی کا بٹن دبایا تھا۔مگر ایک بار بھی شنوائی نہیں ہوئی تھی۔ صبر کی خو تو یوں بھی اس میں نہ تھی نہ جانے دو منٹ صبر کیسے کر لیا تھا۔

پچھلے ایک سال سے یہ گھر خالی پڑا تھا اور اب جب آباد ہونے لگا تھا، تو وہ کافی تو نہیں البتہ خوش ضرور تھی کہ نئے نئے لوگوں سے ملنے میں اسے یوں بھی لطف آتا تھا۔ صبح یونیورسٹی جاتے ہوئے اس نے ٹرک سے سامان اترتے دیکھا تھا، وہ جلدی میں نہ ہوتی تو یقینا کھلے گیٹ کے قریب کھڑی سو برسی خاتون سے متعارف ضرور ہوگئی ہوتی لیکن چونکہ صبح وہ تعارف نہیں کرواسکی تھی تبھی اب بی بی سے اجازت لے کر ان نئے مکینوں سے ملنے چلی آئی تھی اور گیٹ تھا کہ کھلنے میں ہی نہیں آرہا تھا۔ شاید گھر والے پورا اصطبل ہی فروخت کر کے سوئے ہیں، اس نے قیاس لگایا۔ ساتھ ہی گیٹ سے منسلک چھوٹے سے دروازے پر ہاتھ رکھا تو وہ کھلتا ہی چلا گیا۔ خوشی کے مارے بس چیخ لبوں سے باہر آتے آتے ہی رہ گئی۔ اس نے کندھوں پر دوپٹہ درست کیا اور بے دھڑک اندر گھس گئی۔ گھر کے طول و عرض سے تو واقف ہی تھی، بالکل ان کے اپنے گھر کی طرز پر بنا ہوا تھا۔ اسے لائونج تک پہنچنے میں قطعاً کوئی دشواری نہیں ہوئی

عین وسط میں پہنچ کر اس نے نظر نہ آنے والی مخلوق کو پکارا ’’کوئی ہے۔‘‘ جواباً بھائیں بھائیں بولتے سنّاٹے میں اس کی اپنی ہی آواز گونجی تھی۔ اچانک عجیب سی بو اس کے نتھنّوں سے ٹکرائی تھی، اس نے ناک سکیڑ کر بوکی سمت معلوم کرنی چاہی پھر وہم سمجھ کر سر جھٹک دیا ایک بار پھر باآواز بلند گھر کے مکینوں کو صیغہ غیر میں پکارا، جواب ندارد۔ اس دوران پہلی بار اس کا دھیان لائونج کی ابتر حالت کی طرف گیا تھا۔ صوفوں پر ہنوز گرد سے اٹی سفید چادریں پڑی تھیں اور ان کے اوپر کپڑوں کا ڈھیر تھا جو نہ جانے صاف تھے یا میلے۔ سینٹرل ٹیبل پر چائے کے تین خالی مگ، الٹا ہوا شوگر پاٹ، جس کا چمچہ کچھ فاصلے پر پڑا تھا۔ گھی میں تربتر دو پلیٹیں جبکہ ایک میں تو آملیٹ کے بقیہ جات بھی موجود تھے۔ ایک دوہرے صوفے کے اوپر ’’جہازی سائز‘‘ جوگرز کا جوڑا بھی رکھا ہوا تھا۔ نیلے رنگ کی ٹی شرٹ ماربل کے فرش پر دراز تھی۔

وہ کوئی ایسی نفاست پسند نہ تھی، اکثر اپنی چیزیں یوں ہی بکھیرے رہنے پر مائدہ اور بی بی سے ڈانٹ کھا چکی تھی مگر اس تباہ حالی پر اس نے اچھی خاصی ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے ناک بھوں چڑھالی۔ ایک پل کو جی چاہا تھا کہ کمر پر دوپٹہ باندھ کر سارا ’’جہان‘‘ صاف کر ڈالے، تبھی وہ ناگوار سی بو پھر اس کے اندر گھسنے لگی۔ اس نے پھر ناک سکیڑ کر سمت معلوم کرنے کی سعی کی۔

ساتھ ہی ساتھ سوں سوں کی دھیمی آواز پر کان لگائے جو دائیں جانب سے کچن سے آرہی تھی، اس نے کچھ سوچ کر کچن میں جھانکا، برنر پر رکھی کیتلی سے چائے کا سیلاب کنارے توڑ کر آگ بجھانے کی کوشش کر رہا تھا، اس نے تیزی سے بڑھ کر برنر آف کیا پھر پھونکیں مار مار کر چائے کو اس اصل مقام تک پہنچایا، اس سے قبل وہ ڈرم اسٹکس والی پلیٹ ایک طرف رکھ چکی تھی۔

’’نہ جانے سب لوگ کہاں ہیں۔‘‘ اب کی بار ذرا تشویش سے سوچا تھا، ساتھ ہی کمر پر ہاتھ رکھ کر سارے کچن میں نگاہ گھمالی۔ یہاں کی حالت بھی کچھ مختلف تو نہ تھی۔

’’چلی جائوں یا رک جائوں۔‘‘ پیشانی مسلتے ہوئے اس نے سوچا پھر لاوارثوں کی طرح ٹھنڈی ہوتی ہوئی چائے کی حالت پر رحم آگیا۔ اگلے پل وہ کیبنٹ میں سے مگ نکال کر کھنگال چکی تھی۔ اس نے اطمینان سے چائے مگ میں انڈیلی، سپ لے کر دیکھا، چینی سرے سے غائب۔ اب چینی کی تلاش شروع کی تو خیال آیا کہ وہ تو لائونج میں رکھی ہے، لہٰذا وہاں آکر شوگر پوٹ اٹھایا، کچھ تو موجود ہی تھی، ابھی وہ سیدھی ہوئی ہی تھی کہ عقب سے آواز آئی۔

’’کون ہو تم؟‘‘ وہ مڑی دوسرے پل شوگر پوٹ زمین پر تھا اور میبہ کی دلدوز چیخوں سے سارا گھر گونج رہا تھا۔ چیک دار ٹرائوزر پر بنیان پہنے کندھوں پر تولیہ ڈالے آدھا چہرہ سفیدی کی زد میں جبکہ باقی آدھے چہرے پر کالے کالے کنکھجورے لےے وہ عجیب مخلوق اسے غضب ناک نظروں سے گھور رہی تھی اور وہ آئو یا تائو دیکھے بنا ہی جو چیخنا شروع ہوئی تھی تو اب تک نان اسٹاپ چیخ رہی تھی اور یہ بھی خبر نہ تھی کہ وہ بے چاری سی مخلوق بھی اس کے یوں گلا پھاڑ کر چیخنے پر گھبرا گئی تھی۔ پہلے اسے خاموش کروانے کی ہلکی سی کوشش کی مگر وہ سنتی تب نا۔ جھنجھلا کر اس کی کلائی پکڑ لی۔

’’اے تم چیخ کیوں رہی ہو؟‘‘ میبہ کا گلا ایک پل کو گھٹا تھا۔

’’خبردار! خبردار! تم دوبارہ چیخیں تو مجھ سے برا کوئی نہ ہوگا۔‘‘ اس کو پھر سے منہ کھولتا دیکھ کر تنبیہ کی گئی۔

’’اب بتائو گدھے کی طرح کیوں چیخی ہو؟‘‘ خاصی درشتی سے دریافت کیا گیا اور کوئی وقت ہوتا تو میبہ ضرور احتجاج کرتی مگر اب۔۔۔

’’دیکھو بھبھو۔۔۔ بھوت بھائی۔۔۔‘‘ وہ ابھی یہی کہہ پائی کہ وہ چیخا۔

’’بھوت۔۔۔ یعنی کہ میں۔‘‘ اس کی کلائی چھوڑ کر اپنے سینے پر شہادت کی انگلی رکھے وہ آنکھیں پھاڑے کھڑا تھا۔

’’تمہیں شرم نہیں آتی، ایک حسین وجمیل اور جوان جہان لڑکے کو بھوت کہتے ہوئے۔‘‘ میبہ نے کلائی سہلاتے ہوئے اس سفید زردہ چہرے میں سے حسین و جمیل نقوش کو دریافت کرنا چاہا مگر اسے کافی گہرا صدمہ پہنچا تھا۔ تولےے سے رگڑ کر چہرہ صاف کیا۔ تب میبہ سمجھی کہ یہ سفیدی شیونگ کریم تھی، وہ جوان جہان لڑکا اب لڑاکا عورتوں کی طرح کمر پر ہاتھ رکھے کھڑا تھا۔

’’اور یہ تم نے منہ پھاڑ کر بھائی کسے کہا ہے؟‘‘ ایک اور سوال۔ ’’دیکھو لڑکی! میں کافی سے زیادہ حسن پرست ثابت ہوا ہوں، بہن بناتے ہوئے بھی اس نقطے کو سامنے رکھتا ہوں، لہٰذا تم جیسی بمشکل قبول صورت لڑکی تو میں بہن بنانے کے متعلق سوچ بھی نہیں سکتا۔ ویسے بھی میں اپنے والدین کا اکلوتا ہونہار سپوت ہوں۔

’’اور شکل تمہاری بھوت جیسی ہے۔‘‘ ترت جواب دیا۔ وہ ’’بمشکل قبول صورت‘‘ جیسی بات زہر میں بُجھے تیر کی طرح لگی تھی اور سارا خوف بھی اڑنچھو ہوگیا تھا۔

’’یہ تم جا کہاں رہی ہو، بیٹھو یہاں۔‘‘ وہ جو دروازے کی طرف قدم بڑھانے لگی تھی، ایک ہی جھٹکے سے کائوچ پر دھکیل دی گئی، وہ شخص اب اس کے سامنے تن کر کھڑا ہوا تھا۔

’’اب بتائو کون ہو تم! کہاں سے آئی ہو اور ہمارے گھر میں کس ارادے سے گھسی ہو؟ ویسے پوچھنا تو مجھے قطعاً نہیں چاہےے مال مسروقہ تو میںتمہارے ہاتھ میں دیکھ ہی چکا ہوں اور شکل سے تو تم پکی بلکہ پیشہ ورانہ چورنی لگتی ہو۔‘‘

’’کیا چورنی۔‘‘ اسے کرنٹ لگا تھا، پہلے بمشکل قبول صورت کہہ دیا اور اب چورنی۔

’’پہلے جا کر اپنی شکل آئینے میں دیکھو، ڈاکوئوں کے سرغنہ تو تم لگتے ہو۔‘‘

’’میں روز بلا ناغہ آئینہ دیکھتا ہوں اور وہ مجھ سے ایک ہی بات کہتا ہے کہ تیمور عارف تم سے بڑھ کر دنیا میں کوئی بھی ہینڈسم اور ڈیشنگ نہیں ہے۔‘‘

’’اس سے پہلے کہ تمہارے سر پر رکھی ہوئی ایک اور انڈوں کی ٹوکری گرے، جا کر ایک بار پھر آئینہ دیکھ لو۔‘‘ میبہ نے کافی تمسخرانہ انداز میں کہا تھا۔

’’اچھا اب مجھے زیادہ باتوں میں مت الجھائو۔ خوب سمجھتا ہوں میں تم جیسی چالباز لڑکیوں کو، یہی چاہ رہی ہو نا تم کہ میں آئینہ دیکھنے اندر جائوں اور تم سارے سازو سامان سمیت چمپت ہوجائو۔ نا بی بی نا اتنا احمق نہیں ہوں میں۔ ‘‘ وہ ہاتھ نچا کر بولا۔

’’تم کتنے احمق ہو اور کتنے نہیں، اس بات کا اعلان تو تمہاری شکل ہی چیخ چیخ کر کر رہی ہے۔‘‘ خاصی تمسخرانہ نظر اس پر ڈالی گئی تھی۔ ’’اور میں بھی خوامخواہ ہی تم سے بحث کرنے بیٹھ گئی، حالانکہ تم تو شکل سے ہی نیم پاگل لگتے ہو۔‘‘ اپنی عقل پر بے حد افسوس کیا گیا تھا۔

’’آہا شکلیں بہت پڑھنی آتی ہیں تمہیں۔‘‘ جلبلا کرکہا۔ ’’اور ایک بات میں بھی بتادوں، شکل سے چاہے میں نیم پاگل ہی لگتا ہوں مگر کوئی مجھے غصے دلانے کی کوشش کرے تو میں شہتوت پاگل ہوجاتا ہوں۔‘‘

’’میری بلاسے تم سکھ چین پاگل ہوجائو۔‘‘ وہ ذرا بھی نہیں ڈری تھی اورجھٹکے سے کھڑی ہوگئی تھی۔ ’’ہٹو میرے آگے سے۔‘‘

’’کیوں؟‘‘ وہ کچھ اور پھیل کر کھڑا ہوگیا۔ میبہ نے اسے کھا جانے والی نظروں سے گھورا پھر گلا پھاڑ کر چلائی۔ ’’مجھے گھر جانا ہے۔‘‘

’’یہیں سے فون کردو بلکہ میں ہی کر دیتا ہوں۔ چڑیا گھر کا عملہ آتے ہوئے پنجرہ بھی ساتھ ہی لے آئے گا۔‘‘

’’دیکھو۔۔۔‘‘ میبہ نے جارحانہ انداز میں انگلی اٹھائی۔

’’دیکھ ہی تو رہا ہوں۔‘‘ اس کے چہرے پر عجیب پراسرار سی مسکراہٹ رینگ گئی تھی۔

’’گھر بھی چلی جانا اتنی جلدی کیا ہے؟‘‘ میبہ کو اس کی آنکھوں کا رنگ بہت عجیب سا لگا تھا۔ دل یکبارگی کانپا مگر اس نے ظاہر نہیں ہونے دیا۔

’’کیا مطلب؟‘‘

’’مطلب بھی سمجھا دیں گے۔‘‘ بڑے دوستانہ انداز میں کہہ کر وہ اس کی طرف بڑھا۔ میبہ کی آنکھیں حیرت اور خوف سے پھیل کر کچھ اور بڑی ہوگئیں، وہ دھپ سے پیچھے گری۔ شکر ہے صوفہ موجود تھا، تبھی اس نے اپنے پیچھے دروازہ کھلنے کی آواز سنی۔

’’اچھا ہوا وسیم ونڈو! تم آگئے۔‘‘ سائیڈ ٹیبل سے کارڈ لیس اٹھا کر وہ سیدھا ہوگیا۔ میبہ کے لبوں سے اٹکا ہوا سانس خارج ہوا مگر دوسرا پھر سے اٹک گیا، وہ کہہ رہا تھا۔

’’چلو وسیم ونڈو! پولیس اسٹیشن فون کرو اور بتائو انہیں کہ ہم نے ڈاکو رانی کو پکڑ رکھا ہے۔‘‘

’’یہ کیا ہورہا ہے؟‘‘ بڑی بارعب سی آواز تھی جو نہ جانے کس سمت سے آئی تھی۔ تیمور عارف دروازے میں کھڑے ’’عباس مصطفی‘‘ کو دیکھ کر ایک جھٹکے سے سیدھا ہوا تھا۔

’’کک۔۔۔ کچھ بھی تو نہیں۔‘‘ عباس نے اس کی ہکلاہٹ پر الجھ کر اسے دیکھا پھر قریب آگیا، پیچھے ہی ڈی ایس پی قاسم شاہ تھا۔

’’یہ کون ہے؟‘‘ قاسم کی نگاہ کائوچ میں دھنسے اس تھر تھر کانپتے وجو د پر پڑی تھی۔ عباس بھی متوجہ ہوا پھر حیران۔ سوالیہ نظروں سے تیمور کو دیکھا پھر ذرا سا اس کی جانب جھک کر چہرے کے آگے چٹکی بجائی۔

’’آر یو اوکے مس۔۔۔‘‘ مس صاحبہ چونکی، پہلے تو فل پولیس یونیفارم میں سامنے کھڑے بندے کو دیکھ کر اس قدر کوئیک سروس پر حیران ہوئی اور اگلے ہی پل وہ بھبھک بھبھک کر رونے لگی تھی۔ عباس نے جھنجھلا کر تیمور کو دیکھا، قاسم کے تاثرات بھی کچھ مختلف نہ تھے، تیمور الگ پریشان بلکہ تپا ہوا دکھائی دے رہا تھا۔

’’کون ہے یہ اور یہ ہو کیا رہا تھا۔‘‘ عباس نے کڑے تیوروں سے تیمور کو گھورا مگر اس سے پہلے ہی وہ بولنے لگی۔

’’دیکھےے میں نے کچھ بھی نہیں کیا۔۔‘‘

’’اوکے میں مان لیتا ہوں کہ آپ نے کچھ بھی نہیں کیا مگر پلیز رونا تو بند کیجےے۔‘‘

’’یہ مجھے جیل میں تو بند نہیں کریں گے۔‘‘ اس نے پوچھا عباس سے تھا اور دیکھا قاسم کی جانب تھا۔ میبہ اتنی معصوم تو قطعاً نہ تھی جتنی اس وقت نظر آرہی تھی مگر خوف اکثر انسان کو ویسا بنا دیتا ہے جیسا کہ وہ نہیں ہوتا۔ اس کے سوال پر دھیمی سی مسکان قاسم اور عباس کے ہونٹوں کو چھو گئی تھی۔ کچھ کچھ معاملہ تو سمجھ ہی گئے تھے، عباس نے وسیم کو پانی لانے کا اشارہ کیا جبکہ قاسم کہہ رہا تھا۔

’’جب تم نے کچھ کیا ہی نہیں تو پھر کیوں بند کریںگے۔‘‘

’’لو پانی پیو اور آنکھیں صاف کرو۔‘‘ اتنی نرمی سے کہنے پر اسے قدرے سکون ہوا تھا، سو پانی کا گلاس لے کر ایک ہی سانس میں خالی کر دیا۔ گلاس میز پر رکھتے ہوئے نظر سامنے گئی۔ تیمور سامنے ہی بیٹھا اسے مشکوک نظروں سے گھور رہا تھا، وہ کھڑی ہوگئی۔

’’میں جائوں، بی بی انتظار کر رہی ہوں گی۔‘‘ اس نے عباس اور قاسم کی جانب اجازت طلب نظروں سے دیکھا تو تیمور بولا۔

’’خوامخواہ جائوں، ابھی تو تم سے مکمل انکوائری ہوگی اور کتنے ساتھی ہیں تمہارے چورنی۔۔۔‘‘

’’اب اگر تم نے مجھے چورنی کہا تو میں تمہیں قتل کردوں گی۔‘‘ وہ بھڑک کر بولی۔ پھر عباس اور قاسم کی طرف پلٹی۔ ’’آپ خود بتائیں کیا میں شکل سے چورنی لگتی ہوں۔‘‘

’’قتل کی دھمکی وہ بھی ڈی ایس پی کے سامنے۔‘‘ تیمور نے حیرت سے خود کلامی کی۔ ’’کوئی نہ کوئی دفعہ تو اس پر لگ جائے گی، کیوں قاسم۔‘‘ تائید چاہی مگر میبہ نے اسے غضب ناک نظروں سے گھورا پھر دھپ دھپ کرتی باہر نکل گئی۔

٭٭٭

ہفتے کی رات تو وہ کبھی بھی جلدی سونے کی غلطی نہیں کرتی تھی، اپنے ساتھ ساتھ مائدہ کو بھی زبردستی جاگنے پر مجبور کرتی تھی مگر رات وہ جلدی سو گئی تھی اور صبح بھی جلدی آنکھ کھلی تھی، حالانکہ یہ اس کا وتیرہ نہ تھا، ہمیشہ مائدہ کے جھنجھوڑنے پر ہی بے دار ہوا کرتی تھی۔

رات اس کا فون آیا تھا، کسی وجہ سے اسے مزید تین دن وہیں ٹھہرنا پڑ رہا تھا۔ میبہ کی آنکھ چونکہ جلدی کھل گئی تھی اس لےے کچھ وقت پڑھائی میں صرف کیا پھر بی بی کے پاس آگئی۔

’’بی بی! واک کرنے چلیں۔‘‘ اس نے اجازت لینے والے انداز میں پوچھا پھر وہیل چیئر ان کے بیڈ کے قریب لے آئی تاکہ بی بی کو اس پر شفٹ کر سکے مگر بی بی نے نفی میں سر ہلا دیا۔

’’مجھے ابھی قرآن مجید پڑھنا ہے، تم جانا چاہو توجائو مگر جلدی واپس آجانا۔‘‘ وہ سرہلا کر باہر نکل آئی، اسے کون سا کہیں دور جانا تھا، وہیں کالونی کے پارک میں ایک رائونڈ لگا کر روڈ پر آگئی۔ سست روی سے چلتے ہوئے وہ ارد گرد کے مناظر سے لطف اندوز ہورہی تھی۔ روشنی تو خیر کافی پھیل چکی تھی۔ آسمان پر بادل یوں بکھرے ہوئے تھے جیسے کسی نے تازہ دھنکی ہوئی روئی پھیلا دی ہو۔ ٹھنڈی ہوا بھی خاصی خوش کن تھی۔ اکثر گھروں کی بیرونی دیواریں بوگن ویلیا اور عشق پیچاں کے پھولوں سے ڈھکی ہوئی تھیں۔ تبھی اس نے قدموں کی ہلکی سی دھمک پر ذرا سی گردن موڑ کر دیکھا، پیچھے سے آنے والا شخص اس کے سامنے آن رکا تھا۔

’’السلام علیکم۔‘‘ وہ بھرپور انداز میں مسکرایا۔

’’وعلیکم السلام۔‘‘ اس نے سادگی سے جواب دے کر ٹریک سوٹ میں ملبوس اس شخص کو دیکھا۔

’’تم نے شاید مجھے پہچانا نہیں۔‘‘ اب کی بار وہ کھل کر مسکرائی۔

’’جی نہیں، میں آپ کو پہچان گئی ہوں، آپ۔۔۔‘‘ وہ جھجکی۔ ’’مگر مجھے آپ کا نام نہیں معلوم۔‘‘

’’عباس مصطفی۔۔۔ خیریت سے ہو تم۔‘‘ اس نے پہلے بتایا پھر پوچھا۔

’’جی بالکل۔‘‘ پھر کچھ سوچ کر بولی۔ ’’وہ جو سامنے سی گرین گیٹ والا پیارا سا گھر ہے نا میں وہاں رہتی ہوں، اس روز میں تو صرف گھر والوں سے ملنے کے لےے گئی تھی مگر وہ گھونچو مل نہ جانے کیا سمجھا۔‘‘

’’اور وہ جو سی گرین گیٹ والے پیارے سے گھر کے ساتھ والا گھر ہے نا، میں وہاں رہتا ہوں۔‘‘ اس کا انداز حد درجہ شرارتی تھا، میبہ خوشگوار سی حیرت کے زیر اثر مسکرائی۔

’’اس کا مطلب آپ ہمارے نئے ہمسائے ہیں۔‘‘

’’ہاں اور اس گھونچومل کی طرف سے میں تم سے ایکسکیوز کر رہا ہوں، ایکچوئیلی وہ ذرا شرارتی ہے۔‘‘

’’اور وہ ڈی ایس پی؟‘‘ اسے اچانک یاد آیا تھا۔

’’وہ قاسم تھا میرا دوست۔‘‘

’’وہ بھی آپ ہی کے ساتھ رہتے ہیں؟ آئی مین آپ کے گھر میں؟‘‘

’’نہیں بھئی، کل تو وہ بس یونہی آیا تھا۔‘‘ عباس ہولے سے ہنسا، اس کی الجھن سمجھ رہا تھا۔

’’ہوں، میں بھی سوچ رہی تھی ہمارے ملک کی پولیس اتنی تیز کب سے ہوگئی۔‘‘

’’کیا کہہ رہی ہو؟‘‘ عباس نے اسے بڑبڑاتے دیکھا تو پوچھا، وہ سر جھٹک کر بولی۔

’’کچھ نہیں، میں تو بس یہ کہہ رہی تھی کہ میرا نام میبہ طارق ہے۔‘‘

’’نائس نیم۔۔۔ کیا کرتی ہو، آئی مین پڑھتی ہو یا۔۔۔‘‘ اس نے جان بوجھ کر فقرہ ادھورا چھوڑا۔

’’جی بی ایف اے کر رہی ہوں۔‘‘

’’بہت خوب۔‘‘ وہ مسکرایا۔ ’’جانتی ہو میں نے بھی بی ایف اے کر رکھا ہے اور پھر ماسٹرز بھی فائن آرٹس میں ہی کیا۔‘‘

’’رئیلی۔‘‘ وہ بے طرح خوش ہوئی تھی۔ ’’اس کا مطلب ہے میں اسٹڈیز میں آپ سے مدد لے سکتی ہوں نا۔‘‘

’’ضرور۔‘‘ عباس نے خوش دلی سے کہا۔ ’’خیر اسٹڈیز کے علاوہ اور کیا ہابیز ہیں تمہاری؟‘‘

وہ اسے مزید بتانے لگی۔ عباس اسے بہت دھیان سے سن رہا تھا، اس کی چھوٹی چھوٹی باتوں پر ہنس بھی رہا تھا، حاصل کلام یہ کہ گھر پہنچنے تک وہ دونوں بہت اچھے دوست بن گئے تھے۔ تیمور کافی دیر سے عباس کا منتظر تھا، اسے دیکھتے ہی باہر آگیا۔

’’کتنی دیر کر دی یار مامے۔‘‘ وہ عباس کو دیکھتے ہوئے بولا۔ میبہ نے الجھ کر عباس کو دیکھا۔

’’مامے؟‘‘ عباس ہنس دیاپھر دونوں کا تعارف کروایا۔

’’یہ تیمور ہے، میری اکلوتی بجیا کا اکلوتا بیٹا اور تیمور! یہ میبہ ہے میری نئی فرینڈ۔‘‘

’’امیبا۔۔۔ کچھ عجیب نام نہیں ہے۔‘‘ تیمور نے براہ راست اسے دیکھا تو وہ چڑ ہی گئی۔ کتنی بری طرح اس کا نام بگاڑ دیا تھا اور یہ شخص تو اسے اول روز سے ہی زہر لگا تھا، لہٰذا نظر انداز کر کے عباس سے مخاطب ہوئی۔

’’اس کا مطلب میں بھی آپ کوماموں کہہ سکتی ہوں نا۔‘‘ وہ شرارت سے دریافت کر رہی تھی، تیمور جھٹ سے بولا۔

’’کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ میبہ نے ناگواری سے اسے دیکھا۔

’’کیوں؟ آپ بھی تو کہتے ہیں۔‘‘

’’ہاں تو میرا ماما ہے، میں چاہوں تو ماما کہوں، چاہوں تو چاچا۔ خالو یا پھوپھا کہنے کی بھی قید نہیں ہے مگر تم نہیں کہو گی۔‘‘ بڑی سنجیدگی سے وہ لڑنے بھڑنے کو تیار تھا۔ شرارت سے لبریز آنکھیں صرف عباس کو نظر آرہی تھی اور میبہ کی سڑی شکل بھی۔

’’اچھی لڑکی! تم جو چاہو مجھے کہہ سکتی ہو۔‘‘ اس نے نرمی سے میبہ کا سر تھپتھپایا تو وہ فاتحانہ انداز میں تیمور کو دیکھنے لگی جو خود کو لاپروا ظاہر کرنے کے لےے کان میں انگلی ہلا رہا تھا۔

’’اوکے عباس بھائی! میں جاتی ہوں، بی بی انتظار کر رہی ہوں گی۔‘‘ رشتے کا تعین ایک پل میں ہی کر لیا تھا۔

’’اچھا سنو! وہ ڈرم اسٹکس بہت اچھی تھیں، ان کے لےے تھینکس۔ تم نے بنائی تھیں۔‘‘ عباس نے پکار کر پوچھا، وہ اپنے گھر کا گیٹ کھول چکی تھی، وہیں سے بولی۔

’’نہیں پیا نے۔‘‘

٭٭٭

’’وہ اتنے ہینڈسم ہیں کہ میں کیا ہی بتائوں، سوٹ میں تو خیر غضب ڈھاتے ہی ہیں مگر کرتا شلوار کے تو کیا ہی کہنے۔ پرسوں انہوں نے بلیک کرتا شلوار پہن رکھا تھا، کسی فنکشن میں جا رہے تھے اور میں سوچ رہی تھی کہ جس فنکشن میں وہ جارہے ہیں وہاں موجود لڑکیاں تو آہیں بھر بھر کر ہی مرجائیں گی۔‘‘ وہ اپنی بات کو خود ہی انجوائے کرتے ہوئے زور سے ہنسی تھی اور مائدہ بس مسکرادی تھی۔ دو دن کا کہہ کر آج وہ دو ہفتوں کے بعد لوٹی تھی۔ اس کی بنیادی وجہ امی، مائرہ اور معیز کا بے حد اصرار تھا۔ وہ ٹھہر تو گئی تھی مگر دھیان تمام تر یہیں بی بی اور میبہ میں اٹکا رہا تھا۔ آج صبح ہی واپسی ہوئی تھی اور میبہ اس سے سخت خفا تھی، خوب ہی منتیں کروا کر منی تھی اور اب اس کے سامنے بڑے ذوق و شوق سے ’’عباس نامہ‘‘ نشر کر رہی تھی۔

’’پتا ہے پیا! ان کی مسکراہٹ تو بے حد گریس فل ہے اور جب مجھے گڑیا کہتے ہیں تو سب سے زیادہ اچھے لگتے ہیں۔ انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ مجھے اپنا اسٹوڈیو بھی دکھائیں گے۔‘‘

’’اور کون کون ہے ان کے گھر میں، میرا مطلب ہے بیوی بچے؟‘‘

’’اونہوں شادی ابھی تک نہیں کی انہوں نے۔۔۔ ویسے پتا نہیں کیوں نہیں کی؟‘‘ آخری جملہ اس نے یوں سوچتے ہوئے کہا تھا، گویا واقعی اس ’’کیوں نہیں‘‘ کا جواب جاننا چاہ رہی ہو پھر سر جھٹک کر بولی۔

’’ہاں ان کے ساتھ ایک گھونچومل بھی رہتا ہے اور وسیم ونڈو بھی۔‘‘ لہجہ نہایت کڑوا تھا اور مائدہ کے لےے دونوں نام ہی حیران کن۔

’’گھونچومل؟‘‘

’’ہوں، تیمور عارف نام ہے اس کا، عباس بھائی کا بھانجا ہے، اس کے علاوہ میں اس کے بارے میں کچھ نہیں جانتی۔ بس اتنا پتا ہے کہ وہ انتہائی بدتمیز ہے۔‘‘ اس نے وقتاً فوقتاً ہونے والی لڑائیوں کا حال سنایا تو مائدہ ہنستے ہنستے دوہری ہوگئی۔

’’کافی دلچسپ شخص کا مالک ہوا پھر تو۔‘‘ میبہ نے نہایت ناگواری سے سرجھٹکا۔

’’مجھے تو زہر لگتا ہے دیکھنے میں، بالکل عباس بھائی کا ہم عمر ہی لگتا ہے اور پتا ہے، اتنے دھڑلے سے ان کا نام لیتا ہے۔‘‘ نہ جانے اسے کس بات پر اعتراض تھا۔ ہم عمر لگنے پر یا نام لینے پر۔

’’اور یہ وسیم ونڈو کیا چیز ہے؟‘‘

’’جیسے ہماری جیراں ہے ،و یسے ہی وسیم ونڈو ہے۔‘‘

’’ہاں مگر نام کچھ عجیب سا نہیں؟‘‘ میبہ ہنس دی۔

’’دراصل اس کا نام وسیم باری ہے مگر تیمور اسے وسیم ونڈو تو کبھی وسیم کھڑکی کہہ کر بلاتا ہے۔ مجھے بھی اسے چڑانے میں مزا آتا تھا، بس اسی لےے یہ نام زبان پر چڑھ گیا۔‘‘

’’ہوں، اسے چڑانے میں مزا آتا ہے تو پھر جب تیمور تمہیں ’’امیبا خانم‘‘ کہتا ہے تو غصہ کیوں آتا ہے۔‘‘ مائدہ نے اسے غلطی کا احساس دلایا تو وہ خجل سی ہو کر ہنس دی۔

’’اچھا اب تم جائو، مجھے کچھ دیر آرام کرنا ہے۔‘‘ وہ تکیہ درست کر کے لیٹ گئی۔ میبہ کو احساس تھا تبھی اٹھ گئی پھر دروازے میں رک کر پلٹی۔

’’کل کالج جائیں گی آپ؟‘‘

’’ہوں، پہلے ہی کافی حرج ہوچکا ہے۔‘‘ پل بھر میں اس کی آواز بوجھل ہوگئی تھی۔ میبہ نے لائٹ آف کی اور آہستگی سے دروازہ بند کر کے باہر آگئی۔ بی بی کمرے میں کوئی کتاب پڑھ رہی تھیں، سو وہ ٹیرس پر آگئی۔ آسمان پر اودے اودے بادل منڈلا رہے تھے۔ ابھی تو بہار کی مہک نے پہلی انگڑائی ہی لی تھی اور دھرتی کا رنگ ہی بدل گیا تھا، وہ عقبی دیوار سے کمر ٹکا کر آسمان پر اڑتے بگلوں کی قطار کو دیکھنے لگی۔ یوں ہی دائیں طرف جھانکا، لان میں عباس نہ صرف موجود تھے بلکہ اتفاق سے اِدھر ہی دیکھ رہے تھے۔ اس نے ہاتھ ہلا کر وش کیا۔ جواباً انہیوں نے اسے اپنے ساتھ چائے پینے کی دعوت دی تھی، وہ معترض تھی مگر اصرار پر اچھا کہہ کر نیچے اتر آئی۔ بی بی کے کمرے میں جھانکا، وہ سو رہی تھیں۔ اس نے ڈسٹرب کرنا مناسب نہیں سمجھا اور کچن میں برتن دھوتی جیراں کو بتا کر ان کی طرف آگئی۔ گیٹ وسیم باری نے کھولا تھا، وہ اس کی بتیسی دیکھ کر مسکرائی۔

’’کیسے ہو وسیم باری!‘‘ اس سے بیشتر وہ خفا ہو کر بتیسی چھپا لیتا تھا مگر آج حیران ہو کر چھپائی تھی۔ جواب نہ تب ملتا تھا اور نہ اب ملا تھا، وہ لان میں رکھی چیئر پر براجمان عباس کی طرف آگئی۔

’’آئو میں تمہیں اپنے پودے دکھائوں۔‘‘ کچھ دیر باتیں کرتے رہنے کے بعد عباس نے اس سے کہا، وہ اٹھ کر پودے دیکھنے لگی جو عباس نے بڑی محبت سے لگائے تھے۔ کچھ دیر بعد وسیم چائے لے آیا، پیچھے ہی تیمور بھی تھا۔

’’آہا! میں بھی سوچ رہا تھا کہ ہمارے گھر میں اتنا اندھیرا کیوں ہورہا ہے، وہ تو اب پتا چلا کہ امیبا صاحبہ آئی ہیں۔‘‘ میبہ کو سخت تائو آیا مگر خاموش رہی، جواب دینے کی صورت میں وہ بات سے بات نکالتا ہی چلا جاتا اور یہ یہی میبہ نہیں چاہتی تھی۔

’’اب کیسی طبیعت ہے تمہاری؟‘‘ عباس نے تیمور کی پیشانی پر ہاتھ رکھ کرپوچھا تو وہ یکدم چونک کر اسے دیکھنے لگی، جبکہ تیمور ہنستے ہوئے کہہ رہا تھا۔

’’ٹھیک ہوں ماما! تم تو خوامخواہ ہی گھبرا جاتے ہو۔‘‘

’’خوامخواہ نہیں گھبراتا، جب اتنا تیز بخار تھا تو کیوں گئے تھے آفس، وہ تو شکر ہے مجھے وسیم نے فون کر دیا۔‘‘ عباس کی جھڑکیوں میں بھی بے حد اپنائیت تھی، تبھی تو تیمور مسکرائے ہی جارہا تھا۔ میبہ نے پہلی بار اس کی طرف غور سے دیکھا اور یہی دیکھنا حقیقتاً مصیبت بن گیا۔ چہرے پر کھنڈی زردی، آنکھوں میں پڑے سرخ ڈورے، ملگجے کپڑے، الجھے بال جنہیں وہ انگلیوں سے سنوار رہا تھا، ہلکی سی بڑھی ہوئی شیو۔۔۔ اس کا چائے بناتا ہاتھ یکدم لرزنے لگا۔ عجیب سے احساس نے اسے نگاہ جھکانے پر مجبور کر دیا تھا۔ اس نے حیرت سے اپنے دل کو ڈپٹا اور پوری کی پوری عباس کی طرف متوجہ ہوگئی۔

’’پیا واپس آگئی ہیں۔‘‘

’’پیا وہی ہیں نا جو بہت اچھی ہیں اور جن کے بغیر تمہارا دل بالکل نہیں لگتا، جنہوں نے کیمسٹری میں ماسٹرز کیا ہے اور آج کل ایک پرائیویٹ کالج میں ایز اے لیکچرار جاب کر رہی ہیں اور جو بے حد انٹیلی جنٹ ہیں، وغیرہ وغیرہ۔‘‘ عباس نے بہت شرارت سے کہا تو وہ بجائے خفا ہونے کے کھلکھلا نے لگی۔

’’جی ہاں، وہی ہیں۔‘‘

’’ہوں، کافی برئیلینٹ خاتون معلوم ہوتی ہیں، ضرور مضبوط اعصاب کی مالک بھی ہوں گی۔ ظاہر ہے کمزور اعصاب والوں کا تمہارے ساتھ گزارا ذرا مشکل ہی ہے۔ خیر پھر کب ملوارہی ہو ہمیں اس عظیم ہستی سے۔‘‘ تیمور کے سنجیدہ سے انداز پر وہ جل بھن کر کوئلہ ہوگئی، تڑخ کر بولی۔

’’تمہیں تو ہر گز نہیں ملوائوں گی۔‘‘ پھر عباس سے بولی۔ ’’میں آپ سے مشورہ کرنے آئی تھی۔‘‘

’’مجھے تم سے ہمدردی ہے عباس!‘‘

’’پیا کا برتھ ڈے آرہا ہے نیکسٹ ویک۔۔۔ میں انہیں کیا گفٹ دوں۔‘‘

’’میں سمجھا محترمہ ایفل ٹاور خریدنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔‘‘ تیمور کا آسودہ سانس کافی بلند آواز میں باہر آیا تھا۔

’’مجھے کیا معلوم، انفیکٹ میں تمہاری پیا کی نیچر سے قطعی واقف نہیں ہوں اور گفٹس تو نیچر کے مطابق ہی دےے جاتے ہیں۔‘‘ میبہ کو مایوسی ہوئی۔

’’پھر بھی کچھ تو مشورہ دیجےے۔‘‘ عباس نے ایک پل کو سوچا پھر بولا۔

’’تم نے کہا تھا کہ پیا کو لٹریچر سے دلچسپی ہے تو کوئی بک ہی گفٹ کردو۔‘‘

’’اوہوں، وہ تو پچھلی بار دی تھی۔‘‘ اس نے تجویز د ی۔

’’پرفیوم۔‘‘

’’وہ اس سے پچھلی بار دیا تھا۔‘‘

’’پھر۔‘‘ میبہ نے اسے مشکل میں ڈال دیا تھا۔

’’خواتین کو جیولری پسند ہوتی ہے۔‘‘

’’جیولری اس سے پچھلی سالگرہ پر دی ہوگی۔‘‘ تیمور نے قیاس آرائی کی، یوں بھی اس لڑکی کے سامنے زیادہ دیر وہ خاموش نہیں رہ پاتا تھا۔

’’پیا کو جیولری سرے سے پسند نہیں ہے۔‘‘ اس کا انداز سوچتا ہوا تھا۔

’’پھر یوں کرو بادشاہی مسجد گفٹ کر دو۔‘‘ تیمور نے بروقت لقمہ دیا۔ اس نے عباس کی جانب دیکھا جو بے بسی سے کندھے اچکا رہا تھا۔

’’یہ تیمور کا حلقہ احباب مجھ سے زیادہ وسیع ہے۔ گفٹس لینا اور دینا اس کا محبوب مشغلہ ہے، اسی سے پوچھو، یہی بہتر مشورہ دے سکتا ہے تمہیں۔‘‘ وہ نہ چاہتے ہوئے بھی اس کی طرف مڑی تو وہ بولا۔

’’ٹھہرو، مجھے سوچنے دو۔‘‘ دائیں ٹانگ اضطراری اندازمیں ہلاتے ہوئے وہ بالوں میں انگلیاں پھیرتے ہوئے آسمان کی طرف دیکھ رہا تھا، گویا گفٹ وہیں سے برآمد کرنا ہو۔ میبہ بڑی شدت سے جواب کی منتظر تھی، تیمور کی نگاہ نیچے پلٹی۔

’’کتاب اور پرفیوم تم دے چکی ہو جیولری انہیں پسند نہیں ہے۔‘‘ ترچھی نگاہ میبہ پر ڈالی۔

’’یوں کرو امیبا خاتون! ‘‘میبہ نے دانت کچکچائے، بولی کچھ نہیں اس وقت مشورہ جو درکار تھا۔

’’گھوڑ اگفٹ کر دو۔‘‘

’’لعنت ہو۔‘‘ لجاجت پل بھر میں غائب ہوئی، اس شخص سے عقل مندانہ بات کی توقع ہی فضول تھی۔

’’گھوڑے کی بجائے گدھا نہ گفٹ کردوں۔‘‘ اس کی نظر نے پوری سنجیدگی سے تیمور عارف کا گھیرائو کر لیا تو وہ اس سے بھی زیادہ سنجیدگی سے بولا۔

’’نہیں بھئی، گدھا آج کل ٹرینڈ میں نہیں ہے پھر تم خود سوچو بھلا تمہاری پیا گدھا گاڑی پر سوار کیس لگیں گی، تانگے کی تو خیر ایک گریس ہوتی ہے۔‘‘ وہ مزید چڑ گئی مگر ہار نہ مانی۔

’’اور الو کے بارے میں کیا خیال ہے؟‘‘

’’ایک دم بوگس، نہایت ہی بکواس۔ الو کے پیچھے تو چنگ چی بھی نہیں لگوائی جاسکتی۔ ویسے میرا خیال ہے چمگادڑ زیادہ موزوں رہے گی۔‘‘ متبسم و شریر انداز میں صاف اسے چوٹ کی گئی تھی، وہ تپ کر اٹھ کھڑی ہوئی مگر عباس نے تیمور کو تنبیہی نظروں سے گھورا پھر اس سے مخاطب ہوا۔

’’یوں کرو گڑیا! تم اپنی پیا سے ہی پوچھ لو کہ وہ تم سے کیا گفٹ لیں گی۔‘‘

’’نہیں۔‘‘ اس نے مایوسی سے سر ہلایا۔ ’’پھر تو وہ صاف منع کر دیں گی کیونکہ انہیں بچوں سے گفٹ لینا پسند نہیں ہے او وہ مجھے اب تک بچہ ہی سمجھتی ہیں۔‘‘

’’چلو جی غلط فہمی تو دور ہوئی ورنہ میں تو واقعی انہیں عقلمند خاتون سمجھا تھا۔‘‘ اب کی بار وہ واقعی پائوں پٹخ کر کھڑی ہوگئی تھی اور عباس کے روکنے پر بھی نہیں رکی تھی۔

٭٭٭

آج وہ بہت اصرار سے بی بی کو گھر سے باہر لائی تھی۔ معذوری انسان کو کیسے زچ کر کے رکھ دیتی ہے۔ اس کا اندازہ وہ بی بی کو دیکھ کر ہی کرتی تھی۔ معمولی سے روڈ ایکسیڈنٹ نے ان کی ٹانگیں چھین لی تھیں مگر گھر میں بند ہوجانے پر انہیں اس بات نے مجبور نہیں کیا تھا، وہ بات کیا تھی۔بلاشبہ بی بی سمیت وہ دونوں ہی واقف تھیں مگر ایک خاموش معاہدہ پچھلے پانچ برسوں سے ان کے درمیان چلا آرہا تھا اور اس معاہدے کی پاسداری ان تینوں کو ہی کرنی تھی۔

’’کیا سوچ رہی ہیں بی بی؟‘‘ ایک طویل خاموشی آج بھی مائدہ نے ہی توڑی تھی۔

’’کچھ نہیں۔‘‘ بی بی نے مختصراً کہا، حالانکہ دونوں ہی ایک دوسرے کے دلی حالات سے واقف تھیں۔ مائدہ نے وہیل چیئر روڈ کے ایک جانب روک دی اور خود سامنے بنی چھوٹی سی دیوار پر بیٹھ گئی۔

’’شجاعت کیسا ہے؟‘‘ بی بی نے جیسے کچھ فاصلے پر کھیلتے بچوں سے سوال کیا تھا۔

’’پاپا ٹھیک ہیں۔‘‘ مائدہ نے جواب دیتے ہوئے ان کی جانب دیکھا۔ جھریوں بھرے چہرے پر وہ سرمئی آنکھیں ابھی بھی بے حد روشن اور چمکدار تھیں مگر تکان زدہ جن پر پچھتاوے کا پردہ پڑا ہوا تھا، کسی غلط فیصلے کا غم، کچھ کھو دینے کا پچھتاوا۔ مائدہ کو لگاتھا کہ وہ سرمئی بدلیاں یکدم برسنے لگیں گی، تبھی ان کا ہاتھ تھام لیا۔

’’پاپا آپ کو بہت مس کرتے ہیں، ’’بی بی ہنس دیں، یہ تسلی عجیب بچکانہ سی لگی تھی۔

’’ہاں کرتا ہی ہوگا، اس کا خزانہ جو میرے پاس ہے۔‘‘ ان کی ہنسی ٹوٹی پھوٹی سی، اپنا تمسخر اڑاتی ہوئی اور آزردہ سی تھی۔ مائدہ نے ان کا غم اپنے اندر بھی محسوس کیا تھا۔ تسلی کے دو حرف آج بھی اس کے پاس نہیں تھے ناکردہ جرم کی سزا کا بار بہت زیادہ تھا اور بی بی بے حد کمزور۔ تبھی تو اب تلک اسی بوجھ تلے دبی ہوئی تھیں۔ کتنا چاہا تھا مائدہ نے کہ وہ یہ بوجھ سرکادے مگر۔۔۔۔

’’پاپا کے دوست ہیں اطہر مبین، انہی کے بیٹے سے مائرہ کی منگنی ہوئی ہے۔‘‘ وہ ان کا دھیان بٹانے کی غرض سے بولی تھی۔ ’’بی بی! میں چاہ رہی تھی کہ ہم میبہ کی منگنی کردیں، اگلے سال جب اس کا گریجویشن مکمل ہوجائے گا تو شادی کردیں گے۔‘‘ اس نے رائے لینے والے انداز میں انہیں دیکھا تو وہ بولیں۔

’’میبہ ماسٹرز کرنا چاہتی ہے۔‘‘

’’ہوں۔‘‘ اس نے پرسوچ انداز میں ہنکارا۔ ’’پھر منگنی کردینے میں تو کوئی برائی نہیں ہے۔ دراصل میری کولیگ اپنے بھائی کا پرپوزل لانا چاہ رہی ہے میبہ کے لےے، اگر آپ کہیں تو۔۔۔‘‘

’’تم جو مناسب سمجھو۔‘‘ انہوں نے پاور آف اٹارنی ہی اسے سونپ دی پھر آنکھیں موند کر بولیں۔ ’’اب گھر چلو، مجھے ٹھنڈ لگ رہی ہے۔‘‘ مائدہ نے وہیل چیئر کا رخ موڑ دیا۔ ایک سے دوسرا قدم ہی اٹھایا تھا جب اپنے پیچھے سے آواز سنی۔

’’اب آپ بائولنگ کروائیں تیمور بھائی!‘‘ ذرا سا اشتیاق جاگا تھا، سو گردن موڑ کر دیکھا۔ بلیک ٹرائوزر کے ساتھ نیوی بلیو شرٹ پہنے وہ اس شخص کو پہلے بھی دیکھ چکی تھی مگر سرسری۔ اچھا خاصا ہینڈسم شخص فرینچ کٹ داڑھی چہرے پر سجائے ان بہت سارے بچوں میں بس ذرا بڑا بچہ لگ رہا تھا۔ مائدہ کو میبہ کا عباس مصطفی کی تعریف میں قلابے ملانا یاد آگیا تھا۔ ’’کیا وہ شخص اس سے بھی زیادہ شاندار شخصیت کا مالک ہوسکتا ہے؟‘‘ اسے اپنے اس احمقانہ خیال پر خود ہی ہنسی آگئی تھی، تبھی ان بہت سارے بچوں کے درمیان موجود بڑے بچے نے یوں ہی غیر ارادی طور پر نظر اس پر ڈال کر ہٹالی تھی۔

٭٭٭

میبہ کی فرینڈ کی منگنی تھی اور وہ تیار ہو کر اس کے سامنے کھڑی تھی۔

’’کیسی لگ رہی ہوں۔‘‘ ایئر رنگز پہنتے ہوئے اس نے پوچھا تھا، وہ اسے دیکھ کر مسکرائی۔

’’ہمیشہ کی طرح بہت اچھی لگ رہی ہو۔‘‘ اس نے سادگی سے کہا اور ٹی وی آف کرتے ہوئے بولی۔

’’جائو بی بی کو بتائو اور میرے کمرے میں بکس شیلف پر کار کی چابی رکھی ہوگی وہ بھی لے آئو۔‘‘ میبہ دونوں کام نمٹا کر پورچ میں آئی تو مائدہ کار سے ٹیک لگائے منتظر تھی۔

’’ویسے اپنی کنوینس کا مزا ہی کچھ اور ہے۔‘‘ چابی مائدہ کو تھماتے ہوئے اس نے بڑے پیار سے وائٹ نسان کو دیکھا تھا جو کچھ عرصہ قبل ہی ان لوگوں نے لی تھی۔ مائدہ ہنس کر کار اسٹارٹ کرنے لگی۔ میبہ نے گیٹ کھولا۔ کار باہر نکل چکی تو گیٹ بند کرتے ہوئے اس کی نظر عباس اور تیمور پر پڑ گئی۔ اس نے گیٹ بند کیا پھر فرنٹ سیٹ کی کھڑکی میں جھک کر ’’دومنٹ‘‘ کہہ کر ان کی طر ف آگئی۔ عباس نے اس کا استقبال مسکرا کر کیا۔ جبکہ تیمور نے ہونٹوںپر ہاتھ رکھ کر اچھی خاصی حیرانگی کا اظہار کیا تھا۔

’’یہ آج کہاں قیامت ڈھانے کا ارادہ ہے امیبا خانم!‘‘ میبہ نے کھا جانے والی نظروں سے اسے گھورا (اب یوں دیکھنے کا کیا فائدہ ہم تو پہلے ہی اس قیامت کی زد میں آچکے ہیں) اسے دیکھتے ہی یوں بھی بلا جواز غصہ آنے لگتا تھا پھر اس کی آگ لگانے والی باتیں۔

’’میرا بس چلے تو تم پر ہی چلادوں۔‘‘ اس نے دانت کچکچائے، آپ جناب کا تکلف تو یوں بھی نہیں رکھتی تھی۔

’’بس نہیں چلتی تو ٹرک ہی چلادو۔‘‘ بڑی جاندار مسکراہٹ ہونٹوں پر بکھری تھی مگر میبہ غصے میں کسی بات کی طرف دھیان دے ہی نہ پاتی تھی۔

’’کیسی ہے ہماری گڑیا!‘‘ عباس جو کار کا دروازہ کھول رہا تھا، رک کر پوچھنے لگا۔ جواباً وہ خفگی سے بولی۔

’’آپ تو بات ہی مت کریں مجھ سے۔‘‘

’’ارے کیوں بھئی؟‘‘

’’کہاں تھے پچھلے ایک ہفتے سے۔‘‘ وہ باقاعدہ کمر پر ہاتھ رکھے پوچھ رہی تھی۔ مائدہ کار سے باہر آگئی۔ تیمور کے ساتھ دوسرا شخص عباس مصطفی ہی ہوسکتا تھا اور میبہ کب سے اسے عباس سے ملوانا چاہ رہی تھی۔ مائدہ ان کے قریب آئی تو میبہ نے اپنی ناراضی بھول کر کافی پرجوش انداز میں تعارف کروایا تھا۔

’’یہ میری پیا ہیں، آئی مین مائدہ حسین۔‘‘ وہ ہولے سے ہنسی۔ ’’اور پیا! یہ عباس بھائی ہیں۔‘‘

’’بہت خوشی ہوئی آپ سے مل کر۔‘‘ رسم نبھائی تھی اور ساتھ ہی کمال خوب صورتی سے اپنی حیرانگی چھپا گیا تھا، اپنے اندر کا موسم بروقت چھپالینے میں اسے یوں بھی ملکہ حاصل تھا جس طرح سے میبہ ’’پیا‘‘ کا ذکر کیا کرتی تھی، ان لوگوں کے ذہن میں کسی بڑی سی عمر کی خاتون کا خاکہ ہی بن سکا تھا اور اس وقت ان کے سامنے ایک دھان پان سی لڑکی کھڑی تھی۔

’’اور میں تیمور ہوں، دشمنوں کی تو زبان جلتی ہے ہمارا نام لیتے ہوئے۔‘‘ اس نے جتاتے ہوئے کہا تھا۔ مائدہ ہنس دی۔ جبکہ مبیبہ نے حسب معمول اسے گھورا تھا۔ وہ اس کی طرف نہیں دیکھ رہا تھا بلکہ اس کی نگاہیں بے ساختہ ہنستی مائدہ پر ٹکی تھیں۔ وہ نگاہوں کی زبان کبھی بھی سمجھ نہیں پائی تھی مگر اس پل ان نگاہوں میں کیا تھا؟ ستائش، پسندیدگی یا۔۔۔ یا کچھ بھی نہیں۔ عباس مائدہ سے رسمی سی گفتگو کر کے اس کی طرف متوجہ ہوا۔

’’میں سیالکوٹ گیا ہوا تھا۔ ایکچوئیلی بجیا کچھ بیمار تھیں، بس اسی لےے۔۔۔ تمہیں تیمور نے نہیں بتایا۔‘‘ اس نے رک کر تیمور کی جانب دیکھا تو وہ یکدم چونکا۔

’’ہوں کیا کہا؟‘‘ اس کے کچھ دیر بعد وہ لوگ اپنی اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئے تھے لیکن جو کچھ عباس اور میبہ نے محسوس کیا تھا وہ شایدنہیں یقینا مائدہ نہیں کر پائی تھی۔ عباس کو تو بس سرسری سی حیرت ہوئی تھی جبکہ میبہ کو عجب سی بے کلی نے گھیر لیا تھا، وہ خود بھی سمجھ نہیں پارہی تھی کہ اسے کیا بات بری لگی ہے۔

’’تیمور کا ’’مائدہ‘‘ کو دیکھنا یا ’’مائدہ‘‘ کا ’’تیمور‘‘ کو دیکھنا اور وہ رات تیمور عارف نے بڑی دیر تک جاگتے ہوئے اور دانستہ اس عام سے حلےے والی لڑکی کے بارے میں سوچتے ہوئے گزاری تھی۔

٭٭٭

وہ اگر چہ تھک گئی تھی مگر موسم کی دلفریبی نے آدھی سے زیادہ تکان کھینچ لی تھی۔ آج اس کی کولیگ مسز آصفہ نے اسے اپنی ادبی محفل میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی، اسے لٹریچر سے ایسی خاص دلچسپی نہ تھی بس یوں ہی وقت گزاری کے لےے پڑھ لیتی تھی اور اسی وقت گزاری کے مصرف نے اس کے کمرے میں ایک پورا ریک کتابوں سے بھر دیا تھا، اب بھی وہ بس آصفہ کے اصرار پر چلی گئی، محض دو گھنٹے ہی وہاں گزار سکی تھی کہ میبہ نے اسے جلدی واپس آنے کے لےے کہا تھا، وہ اسے اپنا بیک کیا ہوا کیک کھلانا چاہتی تھی۔ نارمل اسپیڈ سے ڈرائیو کرتے ہوئے وہ ٹینا ثانی کو سن رہی تھی کہ یکدم کار ہچکولے کھا کر رک گئی۔ اس نے ناگواری سے گیئر لگایا پھر باہر نکل آئی۔ ٹائر تو سلامت ہی تھے، بونٹ کھول کر دیکھا، یہاں وہاں ہاتھ مارے پر سمجھ نہ آیا کہ خرابی کدھر ہے۔ سیکنڈ ہینڈ چیزیں یوں ہی عین وقت پر داغ مفارقت دے دیا کرتی ہیں۔ سڑک طویل اور سنسان تھی۔ وہ اِدھر اُدھر دیکھنے لگی مگر بے سود۔ دو ایک طویل الجثہ ٹرک ہی گزرے تھے۔ وہ تھک کر فرنٹ ڈور سے کمر ٹکا کر کھڑی ہوگئی۔آسمان پر بکھری بدلیوں کو دیکھ کر یوں لگتا تھا کہ ابھی برس کر ہر طرف جل تھل کر دیں گی۔ پریشانی سے زیادہ کوفت اور جھلاہٹ ہوئی تھی، تبھی ایک ریڈ سوک اس کے سامنے سے گزری تھی پھر کچھ آگے جا کر ٹھہری اور ریورس ہوئی تھی۔ کار کی پچھلی طرف کا دروازہ کھول کر باہر آنے والی شخصیت تیمور عارف کی تھی۔

’’ہیلو! وہ اس کے قریب آکر مسکرایا۔

’’السلام علیکم۔‘‘ وہ جتانا نہیں چاہتی تھی، بس عادتاً ایسا کہا تھا۔ تیمور خجل سا ہو کر سر کی پشت کھجانے لگا۔

’’وعلیکم السلام، کیسی ہیں آپ؟‘‘

’’بہت اچھی ہوں۔‘‘ اس لڑکے کو دیکھتے ہی میبہ کے دےے ہوئے کمنٹس یاد آگئے تھے، وہ اس کی بات سن کر مسکرایا۔

’’وہ تو میں جانتا ہوں لیکن آپ اس وقت یہاں کیا کر رہی ہیں۔‘‘ اس نے کلائی پر بندھی گھڑی کو دیکھ کر پوچھا تھا۔ ظاہر ہے شام جب رات کے دوراہے پر کھڑی ہو تو ایک تنہا لڑکی کا سنسان سڑک پر کھڑے ہونا کیا جواز رکھتا ہے۔ مائدہ نے اسے مختصراً کار کی خرابی کے متعلق بتایا۔

’’میں آپ کو لفٹ دے سکتا ہوں، لیکن میرے فرینڈز میرے ساتھ ہیں۔‘‘ اس نے یوں کہا کہ اگر اعتراض نہ ہو تو آجائیں، وہ بولی۔

’’اس کی ضرورت نہیں ہے، البتہ اگر تم میری کار ٹھیک کر دو تو میں تمہاری شکر گزارہوں گی۔‘‘

’’ہوں۔‘‘ وہ سر ہلا کر بونٹ کی طرف آگیا۔ مائدہ اسے ہاتھ چلاتا دیکھتی رہی، چند لمحے بعد وہ بونٹ بند کر کے اس کی طرف آگیا۔

’’معمولی سا فالٹ تھا، میں نے ٹھیک کر دیا ہے۔‘‘

’’تھینک یو سو مچ۔‘‘ مائدہ نے ٹشو پیپرز اسے تھمائے۔

’’آپ گھر جارہی ہیں۔‘‘ انگلیاں پونچھتے ہوئے تیمور نے پوچھا پھر مثبت جواب پا کر بولا۔

’’مجھے لفٹ دے سکتی ہیں۔‘‘

’’ضرور۔‘‘ اب شکریہ ادا کرنے کے لےے کچھ تو کرنا ہی تھا اور وہ کافی سے زیادہ بامروت واقع ہوئی تھی، وہ سر ہلا کر سوک کی طرف چلا گیا۔ جھک کر دوستوں سے کچھ کہا پھراس کے جانے کے بعد اس کی طرف آگیا۔ مائدہ نے اس کے بیٹھتے ہی کار اسٹارٹ کر دی تھی، ہلکی پھلکی گفتگو کے درمیان سفر کٹنے لگا۔

’’کچھ عرصہ قبل ہی امی اور بابا سیالکوٹ شفٹ ہوئے ہیں، دراصل وہاں ہمارا آبائی گھر ہے۔ اب وہ لوگ تو وہاں ہیں اور بزنس کا سارا بوجھ میرے ناتواں کندھوں پر ہے۔ بابا تو بہت عرصہ پہلے ہی وہاں چلے جانا چاہتے تھے مگر بزنس کی وجہ سے نہیں جا سکتے تھے، اب جوں ہی میرا ایم بی اے کمپلیٹ ہوا وہ بوریا بستر سمیٹ کر سیالکوٹ روانہ ہوگئے۔ اب خود تو سارا دن بیٹھ کر اخبار کھنالتے ہیں اور امی ایک orphanage (یتیم خانہ) چلا رہی ہیں۔ ویسے میری ماں انتہائی ظالم خاتون ہیں۔ Orphanage میں موجود لڑکیوں کے ہاتھ پیلے کرنے کے متعلق سوچتی رہتی ہیں، کبھی یہ خیال نہیں آیا کہ بیٹے کے ہاتھ بھی پیلے کردیں۔‘‘ اس کے یوں مایوسی بھرے انداز پر مائدہ کو خوب زور سے ہنسی آئی تھی۔ تیمور نے بھی مسکراتے ہوئے ایک ترچھی نگاہ اس پر ڈالی۔

’’اگر آپ برا نہ مانیں تو میں ایک کامپلیمنٹ دینا چاہتا ہوں۔‘‘ وہ اجازت چاہ رہا تھا۔ مائدہ نے کار کالونی کے روڈ پر موڑتے ہوئے اثبات میں سر ہلادیا۔

’’آپ کی ہنسی بے حد خوب صورت ہے۔‘‘ اس کا انداز بے حد سادہ تھا۔ مائدہ بس مسکرادی پھر کار سے نکلتے ہوئے بولی۔

’’میبہ نے مجھے بتایا تھا کہ عباس مصطفی بہت ہینڈسم اور گریس فل شخص ہیں مگر حیرت ہے کہ اس نے مجھے تمہارے بارے میں تو بتایا ہی نہیں۔‘‘

’’کیا؟‘‘

’’یہی کہ تم بھی بہت ہینڈسم ہو۔‘‘

’’صرف ہینڈسم، گریس فل نہیں ہوں؟‘‘ بہت شرارت سے دریافت کیا گیا۔

’’میبہ تو تمہیں ہینڈسم بھی نہیں مانتی۔‘‘ وہ کھلکھلائی تھی۔

’’جی ہاں ہمارے دشمنوں کی تعداد زیادہ ہے۔‘‘ وہ سنجیدگی سے بولا، بغیر برا منائے۔ ’’خیر آپ کیا مجھے ہینڈسم کہہ کر بدلا چکا رہی ہیں۔‘‘

’’ارے نہیں بھئی۔‘‘ وہ جلدی سے بولی۔ ’’سوفیصد سچ کہہ رہی ہوں۔‘‘ وہ مسکرادیا، کوئی ایسا نیا کامپلیمنٹ تو نہیں تھا، بس دینے والی شخصیت نئی اور انوکھی تھی۔ (اس کے لےے)۔

’’میبہ آپ کا بہت ذکر کرتی تھی، میں تو سمجھ رہا تھا کہ اس کی پیا کوئی ایجڈ سی خاتون ہوں گی لیکن آپ تو خاصی کم عمر ہیں اور۔۔۔ خوب صورت بھی۔ یہ بات میبہ نے بھی ہمیں نہیں بتائی تھی۔‘‘

’’تم کہتے ہو تو مان لیتی ہوں۔‘‘ اس نے بڑی شان بے نیازی سے کہا تھا پھر وہ دونوں ہی ہنس دےے تھے۔

’’اچھا سنو، یہ کم عمر کہلانے جیسے شوق مجھے قطعاً نہیں ہیں، میں دو چار سال تو ضروری بڑی ہوں تم سے۔ چاہو تو میبہ کی طرح تم بھی مجھے پیا کہہ سکتے ہو یا باجی، آپا، آپی جو بھی تم چاہو۔‘‘

’’جی نہیں، لڑکیوں کو بہن بنانے والی غلطی میں کبھی نہیں کرتا اور خوب صورت لڑکیوں کو تو بالکل بھی نہیں۔‘‘ ا س نے بے حد سنجیدگی سے کہا تھا مگر شرارت ہر انداز سے عیاں تھی۔

’’البتہ اگر آپ کو اعتراض نہ ہو تو ہم بہت اچھے دوست بن سکتے ہیں۔‘‘ تیمور نے اپنی مضبوط ہتھیلی اس کے سامنے پھیلادی۔

’’آئی تھنک یہ ایک اچھی دوستی کی شروعات ہوگی۔‘‘ مائدہ نے بغیر کسی جھجک کے اپنا ہاتھ اس کے ہاتھ میں دے دیا تھا جس پر تیمور نے خاصی خوشی کا اظہار کیا تھا پھر اس کا ہاتھ چھوڑتے ہوئے بولا۔

’’اب تم جائو، کہیں ایسا نہ ہو کہ امیبا خاتون مجھے نظروں سے چنگاریاں اڑا اڑا کر ہی مار ڈالے۔‘‘

’’ہیں، کیا مطلب؟‘‘

’’وہ دیکھو کب سے وہ بندریا کی طرح ریلنگ سے لٹکی مجھے گھور رہی ہے۔‘‘ مائدہ نے اس طرف دیکھا۔ میبہ واقعی ٹیرس پر موجود تھی۔ نظر ملتے ہی اسے اشارے کرنے لگی تھی۔ وہ مسکرائی پھر تیمور کی طرف دیکھ کر بولی۔

’’تم اسے بہت تنگ کرتے ہو تبھی وہ تم سے خفا رہتی ہے۔‘‘

’’آئی سوئیر میں کبھی اسے تنگ نہیں کرنا چاہتا مگر نہ جانے کیوں اس لڑکی کو دیکھتے ہی زبان پر کھجلی شروع ہوجاتی ہے۔‘‘ وہ بے بسی سے بولا۔

’’اور جو دل میں کھلبلی مچتی ہے اس کے بارے میں کیا خیال ہے؟‘‘ یہ آواز دل سے آئی تھی۔ مسکراتے ہوئے نگاہ اٹھا کر دیکھا، ریلنگ سے چپکی بندریا اب وہاں نہیں تھی۔

٭٭٭

گھر کی پچھلی جانب جو ایک چھوٹا سا کچا صحن تھا، وہ وہیں بیٹھی زمین پر بکھرے خشک پتوںکو گن رہی تھی۔ آلوچے کے ننھے ننھے سفید پھول ہوا کے ہلکے سے جھونکے کی بھی تاب نہ لاپاتے تھے اور برف کی طرح زمین پر گرنے لگتے تھے۔ وہ اس طرف بہت کم آیا کرتی تھی مگر جب بھی آتی تھی مائدہ کو خبرہوجاتی تھی کہ وہ کسی بات پر خفا ہے، تبھی گوشۂ نشینی اختیار کی گئی ہے ورنہ ایسی خاموشی اور تنہائی سے اسے ہمیشہ ہی وحشت ہوتی تھی۔ مائدہ نے دروازے میں رک کر اسے دیکھا پھر دو اسٹیپس اتر کر اس کے قریب آبیٹھی۔

’’یہ ناراضی کب تک قائم رہے گی۔‘‘ میبہ اس کی آواز پر ذرا بھی نہیں چونکی۔

’’میں کسی سے ناراض نہیں ہوں۔‘‘ زمین آڑھی ترچھی لکیریں کھینچتے ہوئے وہ بے حد خفگی سے بولی تھی، مائدہ کے لبوں پر مسکان دوڑ گئی۔

’’ناراض نہیں ہو تو مجھ سے بات کرو۔‘‘

’’مجھے بات نہیں کرنی۔‘‘

’’کیوں؟‘‘

’’بس نہیں کرنی۔‘‘

’’میبہ!‘‘ مائدہ نے بہت پیار سے اس کے بکھرے بالوں کو سمیٹا۔ ’’جانو! جب تک تم مجھے بتائو گی نہیں کہ کیوں خفا ہو میں کیسے تمہارے خفگی دور کر سکوں گی۔‘‘

’’ہاں آپ کو تو کبھی بھی کچھ بھی نہیں پتا چلتا۔‘‘ اس نے ہاتھ جھٹک دیا۔ ’’جن سے محبت کی جاتی ہے ان کا چہرہ دیکھ کر ہی ہر بات معلوم ہوجاتی ہے اور مجھے پتا چل گیا ہے کہ آپ کو مجھ سے ذرا بھی محبت نہیں ہے۔‘‘ مائدہ اسے خاموشی سے دیکھتی رہی پھر گہرا سانس بھر کر بولی۔

’’کسی سے دوستی کرنا بری بات تو نہیں ہے پھر تیمور بہت اچھا لڑکا ہے۔‘‘

’’بس مجھے اچھا نہیں لگتا۔‘‘ وہ جھلا کر قطعیت سے بولی۔

’’تمہیں نہیں لگتا کہ تم تیمور کی برائی بلاوجہ کر رہی ہو۔‘‘

’’میں۔۔۔‘‘ میبہ نے ہونٹ دانتوں تلے دبالیا، اس بات میں جو سچائی تھی وہ اسے خود بھی تسلیم نہیں کرنا چاہتی تھی۔

’’بروں کی برائی ہی کی جاتی ہے اور وہ گھونچومل ہے ہی برا۔‘‘ اس نے دل کے ساتھ ساتھ مائدہ کو بھی جھٹلایا پھر زور دے کر بولی۔ ’’آپ اس سے دوستی مت کریں نا، عباس بھائی زیادہ اچھے ہیں، ان سے کرلیں۔‘‘

’’میں عباس بھائی کی اچھائی سے انکار نہیں کرتی، وہ ضرور اچھا ہوگا مگر تیمور بھی بہت اچھا ہے، بس ذرا شرارتی ہے۔‘‘

’’انتہائی فضول اور بدتمیز شخص ہے وہ اور آپ شرارتی کہہ رہی ہیں۔‘‘

’’میں تمہارے دوست کی برائی نہیں کر رہی، تم میرے دوست کی مت کرو۔‘‘ وہ قطعیت سے کہہ کر اٹھ کھڑی ہوئی پھر اس کا ہاتھ بھی پکڑ کر کھڑا کر دیا۔

’’بس اب کوئی فضول بحث نہیں ہوگی، اس موضوع پر ہم پھر کبھی بات کریں گے۔ ابھی تو فرنچ فرائز اور کافی ہمارے انتظار میں ٹھنڈے ہورہے ہیں۔‘‘ میبہ منہ بسور کر قدم بڑھانے لگی پھر ٹھٹک کر رک گئی۔

’’آپ کو اپنا وعدہ یاد ہے۔‘‘ انگلی اٹھا کر پوچھا۔

’’کون سا وعدہ؟‘‘

’’عباس بھائی والا۔‘‘ مائدہ کو یکدم یاد آیا تو سر ہلا کر بولی۔

’’آئو کوشش کرتے ہیں۔‘‘ وہ دونوں اند رآگئیں اور کچھ دیر بعد جب وہ بی بی کے سامنے بیٹھی کافی پی رہی تھیں تو میبہ اس کے کان میں گھسی ’’پوچھیں نا، پوچھیں نا۔‘‘ کی گردان مستقل کر رہی تھی۔

’’وہ بی بی۔۔۔ آپ سے ایک بات پوچھنی تھی۔‘‘ اس نے تمہید باندھی۔ بی بی سوالیہ نظروں سے اسے دیکھنے لگیں، دونوں کی من من سے کھٹک تو گئی ہی تھیں۔ ’’وہ صبح میں نے آپ کو عباس مصطفی سے ملوایا تھا نا۔‘‘ وہ انہیں یاد دلا رہی تھی کہ صبح ہی تو واک پر جاتے ہوئے ملاقات ہوئی تھی۔ بی بی نے ہولے سے سر ہلایا۔ عرصہ درواز سے وہ لفظوں کا استعمال کم کر چکی تھیں۔

’’تو ہم لوگ عباس اور تیمور کو لنچ پر بلانا چاہ رہے تھے۔‘‘

’’تیمور کو نہیں۔‘‘ میبہ نے اعتراض کرنا چاہا۔

’’تم مناسب سمجھو تو بلالو۔‘‘ وہی ہمیشہ کا ایک جواب۔ میبہ نے باقاعدہ یاہو کا نعرہ لگایا تھا۔

’’رات کو واک کرنے جائیں گے تب عباس بھائی کو انوائٹ کریں گے۔ سنڈے کو ٹھیک رہے گا۔‘‘ وہ بڑی خوشی سے مینیو سیٹ کرنے لگی تھی۔ اب تو اسے تیمور کے آنے پر بھی اعتراض نہ تھا۔ حسبِ معمول وہ دونوں بھی ڈنر کے بعد اسٹریٹ میں واک کرنے نکلے تھے۔ عین وسط میں ان دونوں سے ملاقات ہوگئی۔

’’تم اچھی فرینڈ ہو، اس دن کے بعد ایسی غائب ہوئیں جیسے گدھے کے سر سے سینگ۔‘‘ تیمور نے اسے دیکھتے ہی شکوہ کیا تھا۔

’’دراصل یہ بہت مصروف رہتی ہیں، ہر ایرے غیرے سے ملنے کا ٹائم یوں بھی ان کے پاس نہیں ہوتا۔‘‘ میبہ نے مسکرا کر طنز کیا اور عباس کے ساتھ ہی چلنے لگی۔ مائدہ نے تیمور کو اپنی مصروفیات کے متعلق بتایا، بالکل غیر ارادی طور پر وہ چاروں ہم قدم ہوگئے تھے۔ مائدہ ہی نے انہیں اپنے ساتھ کھانے کی دعوت دی۔

’’اوہ آئی ایم رئیلی سوری میبہ گڑیا! لیکن اگلا پورا ہفتہ میں بالکل بھی فری نہیں ہوں جبکہ سنڈے کو بھی بے حد مصروف رہوں گا۔‘‘ عباس نے کہا تو میبہ منہ بسورنے لگی۔ تیمور بولا۔

’’ڈونٹ وری، میں سنڈے کو بالکل فری ہوں۔‘‘

’’ہم کسی ایرے غیرے کو کھانا نہیں کھلائیں گے۔‘‘ میبہ نے خاصی بے مروتی سے کہا تھا۔ مائدہ نے یقینا اس کی بات نہیں سنی تھی ورنہ ضرور سرزنش کرتی، وہ اور عباس ان دونوں سے کچھ قدم آگے چل رہے تھے۔ تیمور کو ایک کے بعد دوسرے قدم پر جھٹکا لگا۔

’’اے لڑکی! کیا تم میری بے عزتی کرنے کی کوشش کر رہی ہو۔‘‘ ڈپٹ کر پوچھا۔

’’میرا خیال ہے کہ میں اس کوشش میں کافی حد تک کامیاب بھی رہی ہوں۔‘‘ وہ تمسخرانہ ہنسی۔ تیمور نے عباس اور مائدہ کو دیکھا، وہ لوگ تقریباً ایک فٹ کے فاصلے پر تھے، وہ ذرا سا کھسک کر میبہ کے ساتھ ہوگیا۔

’’اے رکو۔‘‘ خاصے رعب سے کہا۔ میبہ کو ناگوار گزرا مگر رک گئی۔

’’کیا ہے؟‘‘ انداز پھاڑنے والا تھا۔

’’یہ تم تیزگام کی رفتار سے کیوں چل رہی ہو؟‘‘

’’کیونکہ مجھے کچھوے کی رفتار سے چلنا نہیں آتا۔‘‘ اس نے تیمور کو سر سے لے کر پائوں تک گھورا۔

’’تمہارا سینس آف ہیومر ہمیشہ سے اتنا برا ہے یا کبھی کبھی ہوجاتا ہے۔‘‘ خاصے دوستانہ انداز میں دریافت کیا پھر تیزی سے بولا۔ ’’بہرحال، آج ہم تمہاری ہر کڑوی کسیلی بات بھی برداشت کریں گے۔‘‘

’’اس کرم نوازی کے لےے مجھ ناچیز کو ہی کیوں چنا گیا ہے۔‘‘ اس شاہانہ انداز پر وہ چڑ ہی تو گئی تھی۔

’’یار! میں نے سوچا کہ ہم تو ہمیشہ جھگڑتے ہی رہتے ہیں۔‘‘ مائدہ اور عباس کافی آگے جاچکے تھے۔ ’’تو کیوں نا اب دوستی کرلیں۔‘‘ تائید طلب نظروں سے اسے دیکھا تو وہ جھٹ بولی۔

’’مجھے کوئی شوق نہیں ہے تم سے دوستی کرنے کا۔‘‘ اسے جھکتا دیکھ کر کافی خوشی ہوئی تھی۔

’’خیر شوق تو مجھے بھی نہیں ہے لیکن اب تم سے دوستی کرنا میری مجبوری بن گئی ہے۔‘‘

’’کیا۔۔۔؟‘‘ اس کی خود کلامی میبہ سمجھ نہیں پائی تھی۔

’’کچھ نہیں۔‘‘ مائدہ اور عباس اب واپس آتے دکھائی دے رہے تھے۔ ’’مجھے تم سے کچھ کہنا ہے۔‘‘ ان کے قریب پہنچنے سے پہلے دل کا حال ضروری ہی کہنا تھا۔

’’کہو۔‘‘ میبہ کو کچھ تجسّس سا ہوا۔

’’وہ دراصل۔۔۔‘‘ مائدہ اور عباس اب قریب پہنچ چکے تھے۔ ’’میبہ! میں جو کچھ کہنے جارہا ہوں اسے دھیان سے سننا اور میں اس وقت مذاق بالکل بھی نہیں کررہا۔ میں۔۔۔ میں مائدہ کو پسند کرنے لگا ہوں۔‘‘

پتا نہیں کیا ہوا تھا مگر میبہ کو ساری دنیا گھومتی ہوئی محسوس ہوئی تھی مگر دنیا تو ویسے ہی تھی، بس اس نے گھر کی جانب بھاگنا شروع کر دیا تھا۔

’’میبہ! میری بات سنو۔‘‘ تیمور نے پکارا تھا مگر وہ بھاگتی ہی چلی گئی تھی۔

٭٭٭

مائدہ نے کتاب سے نگاہ ہٹا کر اس پر ڈالی جو قد آدم آئینے کے سامنے کھڑی پچھلے آدھے گھنٹے سے خود کو ہر ہر زاوےے سے دیکھ رہی تھی۔ ’’میبہ!‘‘ اس نے کچھ سوچ کر پکارا۔ ’’کیا مسئلہ ہے؟‘‘

’’کوئی مسئلہ نہیں۔‘‘ خاصا روکھا جواب ملا، وہ سر جھکا کر کتاب میں گم ہوگئی۔ میبہ نے آئینے میں نظر آتے اپنے عکس کو دیکھا پھر مائدہ کے عکس کو۔ سادہ سے بے بی پنک کلر کے کاٹن کے سوٹ میں ڈھیلی سی چوٹی باندھے مائدہ بہت عام سی لگ رہی تھی۔

’’آخر ایسا کیا ہے ان میں جو مجھ میں نہیں۔‘‘ چڑ کر سوچا۔ ’’میں تیمور کو نظر کیوں نہیں آئی۔ یہ پیا اتنی عام سی تو ہیں۔ رنگت کالی، آنکھیں بھی معمولی سی اور بال۔۔۔ ہاں بال خوب صورت ہیں مگر میرے بال زیاد گھنے اور سیاہ ہیں، ان کی طرح چوٹی نہیں ہے تو کیا ہوا۔

کمپلیکشن تو زیادہ فیئر ہے۔ آنکھیں تو خیر ہیں ہی خوب صورت پھر۔۔۔ آخر کیوں؟‘‘ وہ جھنجلا گئی۔

’’کچھ بھی نہیں ہے ان میں، بالکل ہی عام سی ہیں۔۔۔ اگر عام نہ ہوتی تو۔۔۔ لعنت ہو تمہاری منحوس صورت پر میبہ خاتون! یہ کس قسم کی گھٹیا باتیں سوچ رہی ہو تم۔۔۔ جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے نہیں تم کو اس شخص سے ملے اور اس کی وجہ سے اپنی پیا کے متعلق کیسی باتیں سوچنا شروع کر دیں۔‘‘

’’ڈوب کر مرجائو میبہ طارق۔‘‘ وہ آئینے میں اپنے عکس کو غیرت دلارہی تھی۔ مائدہ نے حیرت سے اسے دیکھا، اس سے پہلے کہ وہ کچھ کہتی میبہ اس کے سامنے آرکی۔

’’پیا! ذرا میری طرف غور سے دیکھیں اور سچ سچ بتائیں کیا میں ذرا بھی خوب صورت نہیں ہوں۔‘‘

’’میبہ!‘‘ مائدہ کتاب ایک طرف رکھ کر سیدھی ہوئی پھر ہاتھ پکڑ کر اسے قریب بٹھالیا۔

’’بیٹا! آخر بات کیا ہے؟ پچھلے تین دن سے تم احمقانہ باتیں کر رہی ہو۔ میری جان! کوئی پریشانی ہے تو شیئر کرلو۔‘‘ میبہ گود میں رکھے ہاتھ مسلنے لگی۔ اپنی سوچ پر شرمندہ ہورہی تھی۔

’’بڑے اسی لےے ہوتے ہیں کہ بچوں کے پرابلمز سولو کر سکیں۔‘‘

’’صرف چھ برس بڑی ہیں آپ مجھ سے، کوئی ساٹھ برس بڑی نہیں ہیں جو ہر وقت مجھے بچہ کہتی رہتی ہیں۔‘‘ میبہ نے مصنوعی خفگی سے کہا، اب ان کا دھیان بھی تو ہٹانا تھا۔ کتنا خیال رکھتی ہیں یہ میرا اور میں کتنی کمینی باتیں سوچ رہی تھی ان کے بارے میں، انہیں تو پتا بھی نہیں ہوگا کہ میں ان کے بارے میں کیا سوچ رہی ہوں اور انہیں تو یہ بھی پتا نہیں ہوگا کہ وہ الو کا پٹھا تیمور ان کے بارے میں کیا کہہ رہا تھا۔ وہ مائدہ کی گود میں سر رکھے خود کو لتاڑ رہی تھی اور سوچ رہی تھی کہ اگر احمقوں کے سر پر سینگ ہوا کرتے تو یقینا میرا سر بالوں کے بجائے سینگوں سے بھرا ہوتا۔

٭٭٭

’’تم دونوں میں کوئی عقل ہے یا نہیں، پچھلے تین ماہ سے یہاں آکر بیٹھے ہوئے ہو نہ کوئی خیر نہ کوئی خبر، میں پوچھتی ہوں اتنے لاپروا کیوں ہو تم دونوں؟‘‘ عباس نے گردن اٹھانے کی زحمت نہیں کی تھی، محض نظر اٹھاکر تیمور کو دیکھا، وہ بھی بالکل اسی کے انداز میں کھاتے ہوئے اپنی ماں کی ڈانٹ سن رہا تھا۔

’’بجیا! خفا مت ہوں، اطمینان سے پہلے کھانا کھا لیجےے، آج میں اور تیمور گھر پر ہی ہیں سارا دن آپ کی ڈانٹ سنیں گے، کیوں تیمور؟‘‘ اس نے تائید طلب نظروں سے تیمور کو دیکھا تو وہ سر دھننے لگا۔

’’بالکل، بالکل۔‘‘ عائشہ نے قہر زدہ نظروں سے ان دونوں کو گھورا۔

’’مجھے باتوں میں مت الجھائو عباس! ڈیڑھ ماہ پہلے تم سیالکوٹ آئے تھے، جب میں بیمار تھی، اس کے بعد ایک فون بھی نہ ہوسکا تم سے اور یہ میرا لاڈلا بیٹا ہے، اتنا نہ ہو اکہ آکر بیمار ماں کو شکل ہی دکھاجائے، اور گھر کی حالت دیکھو ذرا، کوئی چیز بھی ٹھکانے پر موجود نہیں۔ عباس کی شرٹ میں نے برتنوں کی کیبنٹ سے برآمد کی اور چمچے وارڈ روب میں رکھے ہوئے تھے۔ گندگی حد سے زیادہ۔ لان کی صفائی کرنے کی تو شاید کسی نے کبھی زحمت ہی نہیں کی۔ تمہیں کیا میں نے ان دونوں کے ساتھ صرف آرام کرنے کے لےے بھیجا تھا باری کے بچے۔‘‘ توپ کا رخ وسیم باری کی جانب ہوا۔

’’باری کے بچے۔‘‘ تیمور نے اچھنبے سے سر اٹھایا۔ ’’باری کے جھولے، باری کا کھانا او رہاں کرکٹ میں باری کی تقسیم سنی تھی، یہ بچے بھی کیا باری کے ہونے لگے ہیں۔‘‘ اس نے عباس سے پوچھا تھا جس نے جواباً ٹیبل کے نیچے سے زوردار ٹھوکر اس کے پائوں کو رسید کی تھی۔ اس کی باتوں سے بجیا کا غصہ سوا نیزے پر پہنچنے کا احتمال تھا۔

’’وہ جی میرے بچوں کی بات کر رہی ہیں۔‘‘ وسیم باری منمنایا۔

’’میری معلومات کے مطابق تمہاری تو ابھی شادی بھی نہیں ہوئی پھر بچے کہاںسے آگئے؟‘‘ حیرانی سی حیرانی تھی۔ ’’بس اوٹ پٹانگ باتیں ہی آتی ہیں، مسخریاں کروالو جوکر کی اولاد نہ ہو تو۔‘‘ بجیا غصے میں سب کچھ بھول جاتی تھیں۔ جہاں پانی پیتے عباس کو اچھولگا تھا وہیں وسیم باری نے اپنا سائرن جیسا قہقہہ روکنے کے لےے کندھے پر پڑا رومال منہ میں ٹھونس لیا تھا جبکہ تیمور شدت جذبات سے اٹھ کھڑا ہوا تھا۔

’’مما! میں اپنے والد کی شان میں یہ گستاخی قطعاً برداشت نہیں کر سکتا، آپ کو فوراً سے پیشتر اپنے الفاظ واپس لینے ہوں گے۔‘‘ بالکل ماڈرن سلطان راہی والا پوز تھا، صرف لاچے کرتے کے ساتھ ہی گنڈاسے کی کمی تھی۔

’’کیا کہا۔‘‘ عائشہ نے زوردار دھموکا اس کے شانے پر جڑا۔ ایک ہی جھٹکے میں سارا کلف اتر گیا تھا۔ عباس بجیا کو ایکسکیوزز دینے لگا۔ حقیقتاً ان دونوں نے بڑی لاپروائی برتی تھی۔ بجیا اول تو سننا ہی نہیں چاہتی تھیں پھر کچھ سوچ کر بولیں۔

’’بہت عیش کرلےے تم نے اور بہت دن رہ لےے چھڑے چھانٹ۔ بس اب میں تمہاری شادی کردوں گی۔‘‘ تیمور کا دھیان فوراً میبہ کی طرف گیا تھا جسے آج صبح ہی کئی دنوں بعد دیکھا تھا تو خود کو روک نہیں پایا تھا۔

’’کہاں تھیں اتنے دنوں سے؟‘‘ بڑے دھڑلے سے جا کر پوچھا۔ وہ چنبیلی کی کلیاں چن رہی تھی۔

’’تمہیں کیا تکلیف ہے، میں جہاں بھی تھی۔‘‘ وہی ہمیشہ کاٹ کھانے والا انداز۔ تیمور کو دلی طمانیت ہوئی، اسے اس کے اصل روپ میں دیکھ کر۔ دھیرے سے مسکرایا اور نرمی سے بولا۔

’’کبھی نرمی سے بھی بات کرلیا کرو، آخر ہر وقت مرچیں کیوں چبائے رہتی ہو۔‘‘

’’میں مرچیں چبائوں یاتمباکو، یہ کم سے کم تمہارا درد سر نہیں ہے۔‘‘ تڑخ کر جواب ملا۔ تیمور کچھ پل اسے غور سے دیکھتا رہا پھر بولا۔

’’میبہ۔۔۔۔ خفا ہو مجھ سے؟‘‘

’’میں ہر ایرے غیرے سے خفا نہیں ہوتی۔‘‘

’’خدا کا شکر ہے کہ میں ایروں غیروں کے زمرے سے تو نکلا۔‘‘ وہ چڑانے والے انداز میں ہاتھ اٹھا کر بولا پھر ہنس کر سنجیدہ ہوا۔

’’سنو میبہ! میں، مائدہ۔۔۔‘‘

’’سنو مسٹر تیمور عارف۔۔۔!‘‘ وہ کلیاں پھینک کر بڑے کڑے تیوروں سے اس کی جانب گھومی۔ ’’میں صرف آج کہہ رہی ہوںپھر نہیں کہوں گی، اپنے خیالات کا رخ بدل لو تو بہتر ہوگا، اگر تم نے پیا کو ہم سے چھیننے کی کوشش کی تو میں تمہارا خون پی لوں گی۔ کچا چباجائوں گی تمہیں۔‘‘

’’وحشی تو تم شکل سے ہی لگتی ہو، آج باتوں سے بھی ثابت ہوگیا۔‘‘ تیمور کے تحیر میں ناگواری بھی تھی۔

’’اگر تم کچھ دیر او رمیرے سامنے رہے تو عمل سے بھی ثابت ہوجائے گا۔‘‘ اس نے دانت کچکچائے تھے۔ ’’بہرحال یہ طے شدہ بات ہے کہ میں پیا کو تمہیں چھیننے نہیں دوں گی۔‘‘

’’چھینیں گے کیوں؟ہم تو انہیں ڈنکے کی چوٹ پر اپنے گھر لائیں گے، کیوں وسیم ونڈو!‘‘ کانٹے سے اٹالین آملیٹ کھاتے ہوئے اس نے اب میبہ کی بات کا جواب دیا تھا، ساتھ ہی وسیم سے تائید چاہی تھی، اس بے چارے کی جانے بلا گھبرا کر اسے دیکھنے لگا۔

’’کیا جی؟‘‘

’’ہوں۔۔۔ کچھ نہیں جی۔۔۔ مما! میں کہہ رہا تھا شادی میں جب تک بینڈ نہ بجے شادی کا مزا ہی نہیں آتا۔‘‘

’’تیمور!‘‘ عائشہ نے حیرت سے سر اٹھایا۔ ’’بچے تمہاری طبیعت تو ٹھیک ہے نا، یہ عبداللہ بھائی کے چالیسویں میں بینڈ باجا کہاں سے آگیا۔‘‘ انہوں نے اپنے دور پار کے کزن کا نام لیا، تب تیمور کو اپنی حماقت کا احساس ہوا، نہ جانے گفتگو کون سے موڑ پر تھی، وہ اپنی جگہ سے اٹھ کر تیزی سے ان کے قریب آیا۔

’’اماں! عبداللہ بھائی کو رہنے دیں، ان کا چالیسواں اگلے سال کروالیں گے، میں تو یہ کہہ رہا تھا کہ پچھلے ماہ میں پورے چوبیس برس کا ہوچکا ہوں اور ساڑھے چھ ماہ بعد یہ اپنا عباس پورے اکتیس کا ہوجائے گا۔‘‘ سارا زور پورے پر تھا۔ ’’میری تو پھر بھی خیر ہے مگر یہ میرا ماما بے چارا بڈھا ہوتا جارہا ہے۔ میرے بارے میں نہیں تو کچھ اسی کے بارے میں سوچ لیں۔ آخر کو اس کے دل میں بھی تو کچھ ارمان ہیں۔۔۔ کتنا دل چاہتا ہوگا اس کا اپنے بھانجے کو دولہا کے روپ میں دیکھنے کا۔۔۔ ہے نا مامے۔‘‘ اور مامے صاحب لب بھینچے بس مسکراہٹ روک رہے تھے۔ عائشہ نے کمر کرسی کی بیک سے ٹکا کر بازو باندھ لےے۔

’’کون ہے وہ؟‘‘ ماں تو آخر اسی کی تھیں، اتنی لمبی چوڑی تمہید سے مدعا تو اخذ کر ہی لیا تھا۔ تیمور سر کھجانے لگا، دل ہی دل میں ماں کی عقل مندی کی داد دے رہاتھا۔

’’لڑکی ہے۔‘‘ عائشہ نے گھورا تو جھٹ بولا۔ ’’آئی مین وہ بہت اچھی ہے اماں۔‘‘

’’جی ہاں، اس کی اچھائی کا اندازہ آپ اسی بات سے لگالیں کہ جب وہ ہمارے گھر آتی ہے تو تیمور کو ہر طرف روشنی ہی روشنی نظر آنے لگتی ہے، یعنی اجالا اور اس سے گفتگو کر کے تو اس کے چودہ طبق روشن ہوجاتے ہیں۔ محاورے والے نہیں اصلی والے۔‘‘

’’عب۔۔۔ عباس!‘‘ تیمور نے دانت کچکچائے۔ آنکھوں ہی آنکھوں میں مار ڈالنے کی دھمکی دی مگر اسے تو بدلے چکانے کا موقع ملا تھا۔

’’اور آپ کو پتا ہے بجیا! ایک روز تو یہ اس کے لےے ریڈ روز بھی خرید لایا تھا۔‘‘

’’اوہ تو معاملہ یہاں تک پہنچ چکا ہے۔‘‘ عائشہ نے خاصی ’’توصیفی‘‘ نگاہوں سے اپنے ہونہار سپوت کو دیکھا تھا جو احتجاجاً اٹھ کھڑا ہوا تھا۔

’’اب آپ میری بھی سنیں گی یا نہیں۔‘‘ پھر بیٹھ کر ان کا ہاتھ تھام لیا۔

’’اماں! آپ اس سے مل کر بہت خوش ہوں گی، یقین کریں اماں۔۔۔ مائدہ بہت اچھی لڑکی ہے۔‘‘ عباس نے ٹھٹک کر تیمور کو دیکھا جس کا چہرہ دبے دبے جوش سے تمتما رہا تھا۔

’’مائدہ!‘‘ اس کے ہونٹوں نے بلا آواز جنبش کی تھی۔ ’’اگر تیمور مائدہ میں انٹرسٹڈ ہے تو میبہ کے لےے اس کی بے تابی کیا معنی رکھتی تھی۔‘‘ وہ سوچ رہا تھا۔

٭٭٭

صبح یونیورسٹی وہ اب مائدہ کے ساتھ ہی جاتی تھی، یعنی ڈراپ کرنے کی ذمہ داری مائدہ کی تھی جبکہ واپسی میں لوکل وین کام آتی تھی۔ اب بھی وہ سینڈوچ کھاتے ہوئے عجلت میں گیٹ بند کر کے مڑی، تبھی ساتھ والے گیٹ سے ایک سوبر سی خاتون نکل کر ان کی طرف آئی تھیں۔

’’السلام علیکم!‘‘ انہوں نے سلام میں پہل کی۔ خاصی متاثر کن شخصیت تھی۔ میبہ تو پہلی ہی نظرمیں قائل ہونے کے ساتھ ساتھ گھائل ہوگئی لیکن صورت پہلے بھی کہیں دیکھ رکھی تھی۔

’’تم مائدہ ہونا۔‘‘ ان کے پوچھنے پر مائدہ نے اثبات میں سر ہلایا۔ معزز خاتون کی دلکش مسکراہٹ کچھ اور گہری ہوگئی۔

’’جیسا تیمور نے بتایا تھا تم تو اس سے بڑھ کر ہو۔۔۔ تم سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے مجھے۔‘‘ صاف لگ رہا تھا کہ یہ لفاظی نہیں،حقیقت ہے۔ ان دونوں نے الجھ کر ایک دوسرے کو دیکھا۔

’’میں تیمور کی ماں ہوں۔‘‘

’’اوہ!‘‘ میبہ کے چہرے سے سارے متاثر کن اثرات پل بھر میں غائب ہوئے تھے۔ یہ وہی خاتون تھیں جنہیں اس نے بہت پہلے گھر میں دیکھا تھا۔ مائدہ اب مسکراتے ہوئے ان سے گفتگو کر رہی تھی۔

’’توبہ کس قدر گھنا ہے وہ گھونچومل۔۔۔ ماں کو بلوا بھی لیا۔‘‘ اسے مائدہ کا انہیں گھر آنے کی دعوت دینا بالکل اچھا نہیں لگا تھا۔

’’تیمور مائدہ کی بہت تعریف کر رہا تھا کہ میری سہیلی بہت اچھی ہے مگر اس نے مجھے یہ تو بتایا ہی نہیں کہ اس گھر میں ایک اور لڑکی رہتی ہے جو بے حد پیاری ہے۔‘‘ وہ اس سے مخاطب ہوئیں۔

’’جی ہاں اس جہاں میں اچھے لوگوں سے جلنے والوں کی تعداد ہمیشہ زیادہ رہی ہے۔‘‘ جل کر مگر بظاہر ہنس کر کہا تو وہ بھی ہنس دیں۔ ’’ویسے میں میبہ ہوں۔‘‘

’’ارے ہاں یاد آیا، وہ بتا رہا تھا کہ مائدہ کے گھر میں امیبا نام کی ایک نک چڑھی، بدتمیز اور منہ پھٹ لڑکی رہتی ہے۔‘‘ (اونہہ۔۔۔ جیسا بیٹا ویسی ماں) وہ مسکرا کر اس کا سر تھپتھپانے لگیں۔ ’’لیکن تم تو بہت پیاری اور کیوٹ بچی ہو۔ یقینا تیمور کو غلط فہمی ہوئی ہوگی۔‘‘

’’ابھی میں دو تین روز تک یہیں ہوں، تم لوگ ضرور آنا ہماری طرف۔‘‘

’’جی ضرور۔۔۔ آپ بھی ضرور آئےے گا۔‘‘ وہ بڑے بھرپور انداز میں مسکرائیں۔

’’ہوں، جلد ہی آئوں گی ان شائ اللہ۔‘‘ میبہ کو ان کی مسکراہٹ بے حد پراسرار لگی۔ چھٹی حس چیخنے لگی۔

’’پپ۔۔۔ پیا میری کلاس شروع ہوگئی ہوگی جلدی چلیں۔‘‘ وہ جھٹ پٹ کار میں بیٹھ گئی۔ مائدہ کو بھی بیٹھتے ہی بنی۔ پھر اس روےّے پر اچھی خاصی جھاڑ سنی جس کا اس پر رتی بھر بھی اثر نہ ہوا تھا، البتہ یونیورسٹی میں سارا دن خراب گزرا۔ عبید اکرم جیسے سخت پروفیسر کی کلاس میں بھی وہ مسلسل تیمور کی ماں کو بھگانے کے لےے ایک سو ایک طریقوں پر غور کرتی رہی ۔ نتیجتاً پوری عزت و آبرو کے ساتھ پروفیسر عبید کے ’اقوال زریں‘‘ سنتے ہوئے کلاس سے باہر جانا پڑا۔ آخری دو کلاسز اس نے خود بنک کیں اور گھر آگئی۔ گھر پہنچتے ہی جو ایک خاص قسم کی تھکاوٹ ہوجاتی ہے تو اس کے ساتھ بھی یہی ہوا تھا، حالانکہ معمول سے جلدی واپس آگئی تھی، برآمدے تک پہنچتے پہنچتے اسے عجیب سے سکوت کا احساس ہوا۔

’’جیراں! بی بی کہاں ہیں۔‘‘ اسے وہ لائونج میں ہی نظر آگئی۔

’’بیٹھک میں۔‘‘ جیراں کا مصروفیت بھرا جواب موصول ہوا اور وہ اگر تھکی ہوئی نہ ہوتی تو ضرور  اس کی کلاس لیتی۔ ہزار بار بیٹھک کہنے سے منع کیا تھا مگر وہ جیراں ہی کیا جو دو ہزار دو مرتبہ بتائے بغیر سمجھ جائے۔

’’کوئی آیا ہوا ہے کیا؟‘‘ سینڈلز سے چھٹکارا حاصل کرتے ہوئے بس ایک ’’گھوری‘‘ ہی اسے عنایت کی گئی۔ جیراں نے جو بتایا وہ اس کے حواس میں ’’گھوٹنا‘‘ پھیرنے کے لےے کافی تھا۔ وہ اچھل کر کھڑی ہوئی اور بھاگتی ہوئی ڈرائنگ روم تک گئی مگر اسے دروازے میں ہی ٹھٹھک کر رکنا پڑا تھا۔

وہ کیا چیز تھی جس نے اس کے قدموں کو زنجیر کیا تھا؟

وہ کیا بات تھی جس میں اس کے احساسات کیا تھا؟

اور وہ کیا تھا جس نے اسے اگلے ہی پل جھنجھوڑا تھا؟

اندر سے آتی عائشہ کی آواز، وہ بڑی وضاحت سے سن رہی تھی۔ ہر لفظ اپنے مفہوم سمیت اس پر واضح ہورہا تھا پھر خاموشی چھا گئی۔ پن ڈراپ سائیلنس شاید اسی کو کہا جاتا ہے۔ وہ اپنے دل کی دھڑکن سن رہی تھی اور پھر جیسے صدیوں بعد بی بی کی آواز اس کی سماعت سے ٹکرائی تھی۔

’’مائدہ میری بیٹی نہیں ہے۔۔۔‘‘ باقی کے ٹوٹے پھوٹے شرمندگی و آزردگی بھرے جملے سے وہ واقف تھی۔ کچھ دیر بعد اس نے عائشہ کو اپنے سامنے کھڑے دیکھا تھا اور ان کے چہرے پر موجود تاثرات میں سب سے نمایاں نا امیدی ہی تھی ۔ اس کا سر ہولے سے تھپتھپا کر وہ باہر نکل گئی تھیں۔ اصولاً اسے حق میزبانی ادا کرتے ہوئے انہیں باہر تک چھوڑنے جانا چاہےے تھا مگر وہ نہ جاسکی تھی۔ اندر بی بی خاموشی سے گلاس وال کے اس طرف نظر آتے سبزے کو دیکھ رہی تھیں۔

’’بی بی!‘‘ اس نے پکارا۔ بی بی نے سر اٹھایا۔

’’مجھے میرے کمرے میں چھوڑ آئو میبہ!‘‘ ہارا ہوا کھلاڑی کیسا ہوتا ہے، بی بی جیسا۔ وہ خاموشی سے ان کی وہیل چیئر کے پیچھے آن رکی تھی۔

٭٭٭

درختوں کے بیچ گھری نہر کا کنارا اسے بہت خوب صورت لگتا تھا مگر وہ کبھی بھی مائدہ کے بغیر یہاں نہ آئی تھی، بس کبھی کبھار موڈ ہوتا تو اپنے کمرے کی کھڑکی سے نہر کے ساتھ ساتھ چلتے صاف ستھرے روڈ کا نظارہ کر لیتی تھی۔ اس کھڑکی کا یہی ایک مصرف اس کی نظر میں بہتر تھا اور آج وہ تنہا اس روڈ پر قدم رکھتے ہوئے املتاس اور سنبل کے پیڑوں کو دیکھ رہی تھی تو اس کی وجہ صرف یہ تھی کہ وہ کھڑکی سے یہاں بیٹھے ’’تیمور عارف‘‘ کو دیکھ چکی تھی۔ کچھ پل اس کی پشت کو دیکھتے رہنے کے بعد وہ آگے بڑھی۔ روڈ اور نہر کا درمیانی حصہ خشک پتوں اور سوکھی گھاس سے بھرا ہوا تھا۔ اس کے قدموں تلے پتے چرچرائے۔ تیمور کے نیم دراز وجود میں خفیف سے حرکت ہوئی تھی۔ اس نے گردن موڑ کر دیکھا۔

’’تم!‘‘ وہ حیرت سے اسے دیکھتا، جھٹکے سے اٹھ بیٹھا تھا۔ میبہ اس سے کچھ فاصلے پر بیٹھ گئی۔

’’اتنے حیران کیوں ہورہے ہو، کیا میں یہاں نہیں آسکتی۔‘‘ انداز بے حد سادہ تھا۔ تیمور نے کندھے اچکا کر پہلی پوزیشن اختیار کی۔ میبہ نے چند پل خاموشی کی نذر کےے۔ تیمور کی بے اعتنائی کچھ بے معنی تو نہ تھی۔ شام کے کھو جانے میں ابھی کافی وقت تھا۔ ابتدائی گرمیوں کے اس تیسرے پہر میں کوئل کی کوک بڑی بھلی لگ رہی تھی۔

’’کیسے ہو تم؟‘‘ اس نے خود ہی گفتگو کاآغاز کیا۔

’’ٹھیک ہوں۔‘‘ خاصی لاپروائی سے جواب دے کر وہ وسلنگ کرنے لگا، ساتھ ساتھ دایاں پائوں بڑی ترنگ میں حرکت کر رہا تھا۔

’’تمہاری اسٹڈیز کیسی جارہی ہیں؟‘‘

’’جانا کہاں ہے میرے پاس ہی رہتی ہیں۔‘‘ وسلنگ یکدم تھمی تھی مگر پائوں کی حرکت جاری تھی۔

’’تمہاری ناراضی ختم ہوگئی؟‘‘ گردن موڑ کر اسے دیکھا جو دوزانو کے گرد بازو لپیٹے، گھٹنوں پر ٹھوڑی ٹکائے بیٹھی تھی۔ سوال سن کر چہرے پر خجل سی مسکراہٹ دوڑ گئی تھی۔

’’میری تم سے کوئی ناراضی نہیں ہے۔‘‘ چہرے پر آئی لٹ کان کے پیچھے کرتے ہوئے اس نے جواب دیا۔ تیمور نے چند پل اسے دیکھنے میں صرف کےے۔ (اور یہ چند پل بہت گہرے تھے)۔

’’تم نے کبھی بتایا ہی نہیں کہ مائدہ تمہاری بہن نہیں ہے۔‘‘ اس نے ایک پتھر زور سے پانی میں اچھال دیا۔ خفیف سی پانی لرزنے کی آواز، چند چھینٹے اچھلے۔۔۔ رقص کرتی لہریں دور تک گئی تھیں۔

’’تم نے بھی تو نہیں بتایا کہ تم پیا کو عباس بھائی کے لےے پسند کرتے ہو۔‘‘

’’میں نے تمہیں بتایا تھا مگر تم بدکی ہوئی گھوڑی کی طرح بھاگ گئی تھیں۔‘‘ پانی کی سطح اب ساکت تھی۔

’’تم نے کہا تھا کہ تم پیا کو پسند کرنے لگے ہو۔‘‘ میبہ نے جلدی سے کہا۔

’’تو کیا میں نے یہ کہا تھا کہ میں مائدہ کو اپنے لےے پسند کرنے لگا ہوں۔‘‘ وہ جھٹکے سے اٹھ بیٹھا اور اب بہت تمسخرانہ نظروں سے اسے دیکھ رہا تھا۔ میبہ کا سر جھک گیا۔ شرمندگی سی شرمندگی تھی۔

’’پسندکی کبھی بھی کوئی ایک نظر نہیں ہوتی میبہ خاتون! ضروری نہیں ہے کہ پسند کا صرف ایک ہی حوالہ ہو۔ ہم اپنی ماں کو پسند کرتے ہیں، اپنی بہن کو پسند کرتے ہیں اور بھی بہت سے لوگ ہیں جنہیں ہم فطرتاً پسند کرتے ہیں مگر کسی تیسرے فرد کو پسند کر لینے کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہوتا کہ ہم اس سے محض ایک ہی رشتہ جوڑنا چاہتے ہیں۔ میں عباس سے بے حد محبت کرتا ہوں، ہمارے درمیان صرف ماموں بھانجے کا رشتہ نہیں ہے بلکہ ہم بہت اچھے دوست بھی ہیں۔۔۔ تو کیا میں مائدہ کو اپنی بھاوج کی حیثیت سے پسند نہیں کر سکتا تھا، کیا میں اسے اپنی مامی کے روپ میں دیکھنے کی تمنا نہیں کر سکتا۔‘‘ میبہ کا سر جھکتے جھکتے گھٹنوں سے لگ چکا تھا۔

’’میں سمجھی تھی کہ۔۔۔‘‘

’تم اور تمہاری سمجھ دونوں فضول ہیں۔‘‘ وہ بولا۔ ’’حالانکہ میں تمہاری شکل دیکھتے ہی سمجھ گیا تھا کہ تم میری بات کا کچھ اور ہی مفہوم سمجھ رہی ہو۔‘‘

’’تم میری غلط فہمی دور کر سکتے تھے۔‘‘ اس نے شکوہ کیا۔ خدا جانے یہ اپنائیت کہاں سے آئی تھی، تیمور تیزی سے بولا۔

’’کیوں۔۔۔ کیوں دور کرتا میں تمہاری غلط فہمی، جب میں تمہاری شکل دیکھ کر سب کچھ جان لیتا ہوں تو تم کیوں نہیں؟‘‘‘‘

’’جن سے محبت کی جاتی ہے ان کا چہرہ دیکھ کر ہی ہر بات جان لی جاتی ہے۔‘‘ میبہ کے کانوں میں اپنا ہی شکوہ گونجا تھا، وہ تحیر سے تیمور کو دیکھنے لگی جو چہرہ موڑے بہت خفگی سے بیٹھا تھا۔ عجب خوش کن سا احساس تھا جو اس کے گرد دھمال ڈال رہا تھا۔

’’ویسے بھی وضاحت تب دی جاتی ہے جب محبت میں کھوٹ ہو پھر میں کیوں تمہیں وضاحتیں دیتا جبکہ میری محبت سچی ہے۔‘‘ وہ ابھی بھی نروٹھے انداز میں کہہ رہا تھا۔ ’’محبت‘‘ کتنی دلفریب ہوتی ہے مگر ’’اظہار‘‘ اس سے بھی زیادہ دلفریب و دلکش۔ اس کی پلکیں عجب سے احساس سے جھکی تھیں، دھڑکن میں شور سا ہوا تھا۔

’’اب خوامخواہ شرمانے کی کوشش مت کرو۔ مجھے اندازہ ہے کہ تم شرماتے ہوئے عام حالات سے بھی زیادہ بدصورت لگو گی۔‘‘ میبہ نے جھٹکے سے سر اٹھایا۔ آگ لگے محبت کو، جہنم میں جائے ہر احساس دھڑکن میں اب بھی شور سا تھا مگر ویسا ہی جیسا روڈ پر بھاگتی ٹریفک کا ہوتا ہے۔

’’ایسی ہی بدصورت لگتی ہوں تو کر لیتے کسی خوب صورت سے محبت۔‘‘

’’میرے اختیار میں ہوتا تو ایسا ہی کرتا مگر ہائے یہ دغا باز دل۔‘‘ خاصی بے بس اور مایوسی بھری آہ تھی۔ میبہ کو ہنسی آگئی جسے رخ موڑ کر چھپایا۔ تیمور بھی محظوظ ہو کر ہنسنے لگا۔ نہ جانے کیا ہے مگر جب محبت دو دلوں کے اندر تاج محل تعمیر کرتی ہے تو قدرت ایک پل کو مسکاتی ضرور ہے، تبھی ہوا کھنکتی ہے، تبھی کلیاں چٹکتی ہیں، ان دونوں کے گرد سنبل کے بہت سے سرخ پھول ہوا کے زور سے زمین کو بوسہ دینے آئے تھے۔

’’پیا میرے ماموں کی بیٹی ہیں۔ تقریباً پانچ سال پہلے حالات آج سے بہت مختلف تھے۔ ہماری اور شجاعت ماموں کی فیملی کے درمیان کوئی تنائو نہ تھا۔ بابا کے انتقال کے بعد اسجد بھائی کا دھیان اپنی اسٹڈیر کی طرف سے بالکل ہی ہٹ گیا تھا پھر جن دنوں پیا ماسٹرز کر رہی تھیں ان ہی دنوں اسجد بھائی نے بی بی سے اپنی شادی کی بات کی تھی۔ بی بی کو کوئی اعتراض نہ تھا۔ شجاعت ماموں بھی راضی تھے۔ دوسری طرف پیا اور اسجد بھائی کی کافی انڈر اسٹینڈنگ بھی تھی۔ مختصر سے معاملات طے پانے کے بعد دونوں کا نکاح ہوگیا اور رخصتی پیا کی اسٹڈیز مکمل ہوجانے کے بعد تک ملتوی کر دی گئی۔ ایسا اسجد بھائی کے کہنے پر ہوا تھا پھر۔۔۔‘‘ وہ خاموش ہوگئی۔ تیمور اسے بہت دھیان سے سن رہا تھا۔

’’پھر؟‘‘

’’پھر۔‘‘ اس کی نگاہوں میں وہ پل گھوم گئے جب اسجد بھائی چلے گئے تھے انہیں تنہا چھوڑ کر۔

’’پھر اسجد بھائی ہمیں تنہا چھوڑ کر چلے گئے۔‘‘ اس کی آنکھ سے ایک قطرہ ٹپک کر خشک پتوں میں گم ہوا تھا۔ ’’نہ جانے وہ کہاں چلے گئے تھے، یہ بات ہم میں سے کوئی بھی نہیں جانتا تھا مگر یہ بات ہمیں کچھ عرصہ بعد پتا چلی کہ وہ ماموں سے جہیز کے نام پر ایک کثیر رقم بٹور کر گئے ہیں۔ یہ بات ماموں نے ہمیں بہت غصے میں بتائی تھی۔ میں جانتی ہوں کہ انہیں رقم کا غم نہیں ستا رہا تھا بلکہ وہاں بیٹی کا مقدر تھا، وہ خواب تھے جن کی کرچیاں بکھری تھیں۔ ان کے چلے جانے کے تقریباً تین یا چار ماہ بعد بی بی کی ٹانگیں ایک روڈ ایکسیڈنٹ میں ضائع ہوگئی تھیں اور پتا ہے تیمور! ایسے میں کس نے ہمارا ساتھ دیا؟ پیا نے۔۔۔ ماموں ہم سے ہر رابطہ ختم کر چکے تھے، ایسے میں پیا نے ہی ہمارے اخراجات کا بار اٹھایا، حالانکہ ماموں ان سے خفا ہوگئے تھے، پورے دو سال ماموں جی نے ان کی شکل بھی نہیں دیکھی اور۔۔۔‘‘ وہ پھر خاموش ہوگئی کیونکہ اس سے مزید بولا ہی نہیں گیا تھا۔ بہت سا رو لینے کے بعد اس نے دوپٹے سے چہرہ خشک کیا۔ تیمور نہر کے دوسری طرف درختوں کی قطاروں میں جانے کیا کھوج رہا تھا۔ شام گہری ہوچلی تھی۔

’’تو پھر کیا سوچا ہے تم نے۔‘‘ میبہ نے حیرت سے اسے دیکھا تو وہ بولا۔ ’’آئی مین مائدہ کے بارے میں۔‘‘

’’تم کیا کہنا چاہ رہے ہو تیمور! میں سمجھی نہیں۔‘‘

’’واٹ ڈ و یو تھنک میبہ! جو لوگ اپنی زندگی دوسروں کے لےے تیاگ دیتے ہیں، کیا وہ خواب نہیں دیکھتے، کیا ان کے دلوں میں ارمان نہیں ہوتے، کیا ان کے تکان زدہ وجود کسی کے کندھے پر سر رکھ کر سکون حاصل کرنے کے خواہاں نہیں ہوتے؟‘‘ وہ پوچھ رہا تھا۔ میبہ کچھ بول ہی نہ سکی۔

’’نہیں میبہ! آنکھوں کو خواب دیکھنے سے روکا نہیں جا سکتا، دلوں میں پنپنے والے ارمانوں پر پہرہ نہیں لگایا جاسکتا اور یہ جو ایک خواہش ہے نا کسی کے کندھے پر سر رکھنے کی، یہ تب تک پوری نہیں ہوتی جب تک غم بہا نہ دیا جائے، جب تک غم کو سمیٹ لینے کا یقین نہ ہو۔ کبھی کبھی مضبوط نظر آنے والے لوگ مضبوط نہیں ہوتے میبہ! اپنے گرد چڑھایا جانے والا خول انہیں ہر دم اس میں مقید رہنے پر مجبور کرتا ہے۔‘‘

’’تم تو یوں بول رہے ہو جیسے بہت تجربہ ہو۔‘‘ اس نے مصنوعی سے مشکوک انداز میں اسے گھورا۔ یہ ہر دم اوٹ پٹانگ باتیں کرنے والا تیمور تو قطعاً نہیں لگ رہا تھا، وہ اس کی بات سے جیسے محظوظ ہوتے ہوئے ہنسا تھا۔

’’اب ہر کوئی تمہاری طرح احمق نہیں ہوتا کہ تجربے سے ہی عقل حاصل کرے۔ خیر یہ بتائو مائدہ کو کب تک خود تک محدود رکھنے کا ارادہ ہے؟‘‘

’’ایں، کیا مطلب۔‘‘ پھر خود ہی بولی۔ ’’میں نے تو ایسا کبھی بھی نہیں چاہا کہ وہ مجھ تک محدود رہیں۔‘‘ اس کا انداز سراسر تردید کرنے والا تھا۔

’’اگر ایسی بات ہے تو تم نے اب تک اس کے بارے میں کچھ سوچا کیوں نہیں؟ آخر کب تک وہ اسجد کا انتظار کرے گی۔‘‘

’’ہاں تم ٹھیک کہہ رہے ہو، مجھے کبھی ایسا خیال آیا ہی نہیں بلکہ۔۔۔ بلکہ میں نے کبھی ایسا سوچا ہی نہیں۔‘‘ وہ جیسے اپنی عقل پر افسوس کر رہی تھی۔

’’تو اب سوچو میبہ خاتون!‘‘ وہ ہاتھ جھاڑتا کھڑا ہوا۔ ’’کہ مائدہ اور عباس کی جوڑی کیسی لگے گی۔‘‘ اس کا متبسم لہجہ میبہ کو چونکا گیا تھا، وہ بھی کھڑی ہوگئی۔ سوچ کو ایک نیا رخ ملا تھا۔

’’تم ٹھیک کہہ رہے ہو۔‘‘ دو  پسندیدہ ہستیوں کا ملاپ۔

’’پیا اور عباس بھائی۔۔۔ عباس بھائی اور پیا۔۔۔ ہاں۔‘‘ وہ تالی بجا کر ہنس پڑی۔ اب ہر طرف طمانیت ہی طمانیت تھی۔

’’حیرت ہے، یہ خیال مجھے کیوں نہیں آیا۔‘‘

’’کیونکہ تمہیں عقل مندانہ خیال کم ہی آتے ہیں۔‘‘ تیمور اپنی جون میں لوٹ آیا تھا، وہ بغیر برا منائے ہنس پڑی اور روڈ پر ایک دوسرے کے ساتھ قدم ملاتے ہوئے وہ فیوچر کی شاندار پلاننگ کر رہے تھے مگر یہ فیوچر ان دونوں کا نہیں بلکہ ’’عباس اور مائدہ‘‘ کا تھا جبکہ دور کھڑکی بند کرتی مائدہ کے ہاتھ ٹھٹک کر رکے تھے، حیرت اتنی تھی کہ وہ فوراً بھی نظریں نہ ہٹا سکی۔

’’ہوں تو یہ بات ہے تم بھی بالکل ہی نکمّی ہو مائدہ حسین۔۔۔ ایک ذرا سی بات بھی سمجھ نہ سکیں۔ تمہارا تجربہ خام ہے، ایک ذرا نس بچوں نے کتنی آرام سے آنکھوں میں دھول جھونک دی۔‘‘

٭٭٭

رات کے پچھلے پہر بی بی کو انجائنا کا اٹیک ہوا تھا، ان کا ضعیف وجود کچھ ایسا بھاری بھرکم نہ تھا مگر مائدہ اور میبہ دونوں کے بازوئوں میں ہی اس بوجھ کو سہارنے کی سکت نہ تھی۔ بہرحال جیسے بھی تھا وہ بی بی کو کار میں ڈال چکی تھیں۔

’’پیا! میں بھی ساتھ جائوں گی۔‘‘ میبہ کو تو خود ایسا لگ رہا تھا کہ ابھی پھڑک کر مرجائے گی۔

’’تم گھر پر ہی رہو میبہ! ان شائ اللہ بی بی کو کچھ بھی نہیں ہوگا۔‘‘ وہ اسے امید تھما آئی تھی مگر اب آئی سی یو کے باہر کھڑی وہ خود بھی ناواقف تھی کہ آنے والے وقت میں کیا ہوسکتا ہے۔ خوف نے اس کے بدن میں سنسنی سی بھر دی تھی۔ہاتھوں میں لرزش تھی اور آنکھ میں سرخ ڈوروں سمیت بے بسی۔ ڈاکٹر نے کہا تھا اگلے چوبیس گھنٹے اہم ہیں اور ابھی تو ہر پل صدی کا احاطہ کےے ہوئے تھا۔ وہ شیشے کی دوسری جانب لیٹی بی بی کو دیکھ رہی تھی جن کے اندر مصنوعی نالیوں کے ذریعے قطرہ قطرہ زندگی اتر رہی تھی۔ کہیں سنا تھا ماں کے لےے اپنے بیٹے بہت اہم ہوتے ہیں تو یقینا بیٹے کی ایک جھلک بی بی کو نئی زندگی دے سکتی تھی۔

’’میں کچھ نہیں۔ میری ذات کچھ نہیں۔۔۔ مگر۔۔۔ مگر ماں تو سب کچھ ہے نا۔۔۔ اسے تو تمہاری ضرورت ہے اسجد۔۔۔ پلیز لوٹ آئو میرے لےے نہیں اپنی ماں کے لےے۔۔۔ اپنی جنم دینے والی کے لےے۔‘‘ اس نے بہت دل سے اسے پکارا تھا اور کچھ پکاریں بہت دور تک جاتی ہیں۔ دلوں سے نکلی ہوئی دعائیں عرش ہلا دینے کی سکت رکھتی ہیں مگر ابھی اس کی نوبت نہ آئی تھی۔

’’مائدہ!‘‘ اسے کسی نے پکارا تھا او روہ ایسی خوشی فہم نہ تھی پھر بھی پلٹی۔ سامنے تیمور تھا، پیچھے عباس اور میبہ۔

’’پیا!‘‘ وہ اس سے لپٹ گئی اور اس میں اتنا حوصلہ نہ تھا کہ ہمیشہ کی طرح آج بھی اسے خود میں سمیٹ کر دعا کرنے اور اچھے وقت کی امید دلا سکے۔ میبہ کسی انہونے احساس کے تحت اس سے الگ ہوئی تھی۔ وہ اسے برستی آنکھوں سے دیکھ رہی تھی۔ یہ وہ مائدہ تو نہ تھی جسے میبہ جانتی تھی۔ تھکا ہوا چہرہ، ہر احساس سے عاری آنکھیں بے حد بنجر اور سوکھی۔

’’کک۔۔۔ کیا ہوا ہے۔۔۔ پیا!‘‘ اس کا دل دھڑ دھڑا رہا تھا۔ ’’پپ۔۔۔ پیا۔۔۔ بتائیں نا کیا ہوا ہے بی بی کو۔۔۔ پیا بتائیں نا۔‘‘ وہ اسے کندھوں سے پکڑے جھنجھوڑ رہی تھی، چیخ رہی تھی، رو رہی تھی مگر مائدہ خاموش تھی، ساکت تھی، عباس نے میبہ کو نرمی سے الگ کیا، وہ مائدہ کی جانب استفہامیہ نظروں سے دیکھ رہا تھا، اس نے گردن موڑ کر آئی سی یو کی جانب دیکھنا، میبہ تیزی سے شیشے کی طرف گئی تھی بلکہ عباس اور تیمور بھی۔۔۔ وہ سست روی سے چلتی ہاسپٹل کے ٹیرس پر آگئی، بادلوں سے ڈھکا تاریک رات کا آسمان کچھ اور تاریک ہوچکا تھا۔

عجیب قدرت ہے، جب سر پر بادل ہوں تو بارش نہیں ملتی، دھوپ ہو تو سایہ نہیں ملتا۔ وہ دیوار سے لگی زمین پر بیٹھتی چلی گئی۔ کبوتر کی طرح آنکھیں بند کرلینے سے خطرہ نہیں ٹلتا، بس آنکھوں سے اوجھل ہو کر حواس کو قابو کر لیتا ہے۔ اس نے بھی آنکھیں موند لیں۔ بازو چہرے کو چھپائے ہوئے تھے۔

’’تو میرا رب۔۔۔ تو میرا پروردگار۔۔۔ دے دے مجھے میری بی بی کی زندگی دے دے۔‘‘ وہ رو رہی تھی، سسک رہی تھی، نازک سا سمٹا سمٹایا وجود ہچکولے کھا رہا تھا۔ مستعجابی کا وقت کون سا ہوتا ہے؟ کون جانے۔

رب اپنے بندے کی آنکھوں سے برستے مینہ کے تھمنے کا سامان کب کر دیتا ہے؟ کسے خبر۔ کبھی کبھی بنا بادل کے بارش برسا کر بنجر روحوں کو سیراب کر دیتا ہے اور کبھی کبھی کڑی دھوپ میں سائے کا سامان کر دیتا ہے۔ وہ اپنے رب کو پکار رہی تھی اور آسمان سے بادل چھٹ چکے تھے۔ کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ خوشیوں کے ستارے سر پر چمک رہے ہوتے ہیں اور بندے کو خبر تک نہیں ہوتی۔ صبح کا ستارا اس کے سر پر مسکرا رہا تھا اور وہ روتی ہی جارہی تھی اور اپنے رب کو پکارتی ہی جارہی تھی، تبھی کسی نے اسے پکارا تھا، اس نے سر اٹھایا، وہاں عین سامنے عباس مصطفی پنجوں کے بل اس کے سامنے بیٹھا تھا۔

’’اٹھےے مائدہ! بی بی کو ہوش آگیا ہے۔‘‘ اور وہ ملگجے سے اجالے میں اس شخص کو بے یقینی سے دیکھے گئی۔ عباس نے اسے یوں گم صم دیکھا تو دونوں ہاتھ تھام کر کھڑا کرنا چاہا، تب وہ اس سے بھی زیادہ تیزی سے اس کا ہاتھ تھام گئی۔

’’تم سچ کہہ رہے ہو نا۔‘‘ عجیب بے قراری سے پوچھا گیا۔ عباس دھیمے سے مسکرادیا۔ مائدہ اپنے گال رگڑتی ہوئی تیزی سے اٹھی تھی اور اندر کی طرف بھاگی تھی۔

٭٭٭

اور عباس مصطفی کو خبر بھی نہ ہوئی مگر وہ ڈوب گیا۔

یہ سچ تھا کہ اس نے مائدہ کو اب تک اس نظر سے نہ دیکھا تھا، کچھ میبہ کی بہن کی حیثیت پھر کچھ ہمسائیگی کا پاس۔۔۔ کچھ ایسا شریف بھی نہ تھا، اپنے زمانے میں چھوٹے موٹے افیئرز تو اس نے بھی چلائے ہی تھے پھر رفتہ رفتہ اپنی شخصیت کا ادراک، ذاتی حلقہ احباب اور صنف نازک کے درمیان ملنے والی غیر معمولی اہمیت نے اسے مغرور بنا دیا تھا۔ ڈیشنگ اور روڈ جیسے القابات تو وہ اب تک سنتا تھا اور بنا اہمیت دےے گزر جاتا تھا۔ چند قدم تک ساتھ چلنے والی لڑکی کا انتخاب بھی وہ بہت دیکھ بھال کر کرنے کا عادی تھا مگر ساری زندگی کسی کو ہم قدم بنانے کا اس نے اب تک نہ سوچا تھا۔ اپنی مردانہ خصلت کے ہاتھوں مجبور ہوتے ہوئے اس نے پہلی ہی سرسری سی نگاہ میں مائدہ حسین کا تفصیلی جائزہ لے لیا تھا مگر ایک تو یہ کہ وہ کوئی ایسی ’’پہنچی ہوئی‘‘ چیز نہ تھی، دوسرا اس قسم کے معاملات میں اس کی ’’انا‘‘ ہمیشہ ’’ایوریسٹ‘‘ پر رہتی تھی، اس کا اب بھی یقین تھا کہ اس قسم کا کوئی رسپانس مائدہ کی طرف سے ملا ہوتا تو وہ ضرور اب تک دو تین ڈیٹس مار چکا ہوتا مگر بہرحال بعد کے دنوں میں اس نے کبھی بھی کوئی غلط بات نہ سوچی تھی پھر جب تیمور نے اس سے مائدہ کے لےے کہا تھا تو وہ ضرور راضی ہوگیا تھا کہ زندگی کسی کے ساتھ تو گزارنی ہی تھی پھر تیمور معترف تھا، بجیا کو بھی وہ پسند آئی تھی مگر بعد میں سب ختم ہوگیا۔ اس نے اس بات کو کچھ خاص اہمیت نہ دی تھی اور نہ ہی آنے والے دنوں میں دینے کا ارادہ تھا مگر اب کی بار سبھی کچھ اتھل پتھل ہوگیا تھا، جب اس نے مائدہ کو پکارا تھا نو خیز صبح میں وہ عام سی لڑکی، عام سے حلےے میں یکدم بہت خاص کام کر گئی تھی۔ پانی سے لبریز وہ سیاہ آنکھیں۔۔۔ عباس مصطفی کو ایک پل ہی لگا تھا اپنا آپ ہارنے میں۔ اب تک اس کا سامنا خاص لڑکیوں سے ہوتا آیا تھا، یہ پہلی عام لڑکی تھی اور وہ اس نتیجے پر پہنچا تھا کہ۔

’’عام لوگوں سے بچنے میں ہی عافیت ہے۔‘‘ اس نے گردن کو ذرا سا موڑ کر دیکھا، درمیان کے دو تین بینچ چھوڑ کر وہ سر دیوار سے ٹکائے چھت کو گھور رہی تھی، اس نے نگاہ موڑ لی، جو چیز آپ کی ہے اور نہ آپ کی ہوسکتی ہے اسے دیکھ دیکھ کر آہیں بھرنے سے فائدہ۔ اسے یکدم خود پر غصہ آیا تھا کیونکہ وہ اس لڑکی کی طرف سے دھیان ہٹانہ پارہا تھا۔ ساتھ ہی ساتھ اس شخص پر بھی غصہ آیا تھا جو اس لڑکی کو چھوڑ کر چلا گیا تھا۔

’’تیمور! میں گھر جارہا ہوں۔‘‘ وہ فیصلہ کن انداز میں اٹھ کھڑا ہوا۔ ’’شاور لینے کا ارادہ ہے کچھ دیر سوئوں گا بھی۔۔۔ آں کچھ چاہےے ہو تو بتا دیجےے، میں واپسی پر لیتا آئوں گا۔‘‘ اسے یہ نہیں کہنا تھا مگر نہ جانے کیوں کہہ دیا۔

٭٭٭

پورے تین ہفتے ہاسپٹل میں گزار کر گھر واپس آئی تھیں تو ایسا لگ رہا تھا گویا در و دیوار بھی مسکرا رہے ہوں اور مسکرا تو رہے تھے، در و دیوار نہیں بلکہ تیمور اور میبہ۔۔۔ انہیں ان کی کامیابی ایسا کرنے پر مجبور کر رہی تھی۔ بہت نہ سہی مگر ان تین ہفتوں میں عباس اور مائدہ نے آپ سے تم تک کا سفر اگر چہ طے نہیں کیا تھا مگر آغاز تو بہرحال ہو ہی گیا تھا (اب انہیں کیا خبر کہ عباس مصطفی نے خود کو اس راستے کا راہی ہونے سے کتنا روکا تھا) شجاعت لاہور آئے تھے، اتنے عرصہ بہن کو ناکردہ جرم کی سزا دینے پر شرمندہ شرمندہ اپنے ساتھ کراچی چلنے پر کافی زور دیا تھا اور پھر ناکام ہی واپس لوٹ گئے تھے۔ اس دن وہ کالج سے واپس آئی تو بی بی کے کمرے سے قہقہوں کی آوازیں آرہی تھیں۔ تیمور موجود تھا اور غیر معمولی طور پر قہقہوں کی یہ آواز بی بی کی تھی۔

’’صرف تمہاری وجہ سے بی بی کے ہونٹوںپر مسکراہٹ آئی ہے۔ کاش تیمور! تم مجھے پہلے مل گئے ہوتے۔‘ ‘ واپسی پر وہ اسے گیٹ تک چھوڑنے آئی تو بڑی شکر گزاری کے سے انداز میں بولی۔

’’یعنی میں نہ ہوا میلی جراب ہوگیا جو مل گیاتھا۔‘‘ وہ ہنس دیا۔ اسے کچھ خیال آیا تو پوچھ لیا۔

’’عباس خیریت سے ہے، کافی دنوں سے میں نے دیکھا نہیں اسے۔‘‘

’’عباس تو خیریت سے ہی ہے، البتہ تمہاری خیریت مجھے کچھ مشکوک لگ رہی ہے۔ یہ یکدم میرے مامے کو دیکھنے کا خیال کیسے آگیا۔‘‘

’’پاگلوں جیسی باتیں مت کرو تیمور! میں تو یوں ہی پوچھ رہی تھی۔‘‘ وہ جھینپ سی گئی۔

’’اب تمہیں سہیلی بنایا ہے ماننا تو پڑے گا ہی، خیر عباس کی کچھ طبیعت گڑبڑ ہے، بس اسی لےے۔‘‘

’’اوہ۔۔۔ تم نے مجھے پہلے کیوں نہیں بتایا۔‘‘

’’بتا دیتا تو تم کیا کر لیتیں۔‘‘

’’اور کچھ نہیں تو کم سے کم عیادت ضرور ہی کرلیتی۔ آدھی بیماری تو یوں ہی ختم ہوجاتی۔‘‘

’’جی ہاں، جبکہ عیادت کرنے والا بلکہ والی بھی آپ جیسی ہو۔‘‘ وہ کہہ کر چلا گیا، شام میں وہ ان کی طرف جانے کا ارادہ رکھتی تھی۔ بی بی کی بیماری میں جتنا ان دونوں نے ساتھ دیا تھا، اب اس طرح سے عیادت تو اس کا فرض بنتی ہی تھی مگر پھر فون پر ہی خیریت معلوم کرلی۔ باتوں سے باتیں نکلیں اور وقت گزرنے کا پتا ہی نہیں چلا پھر ایک روز وہ بی بی کی خیریت معلوم کرنے چلا آیا، کافی دیر بی بی کے پاس بیٹھا میبہ سے گپیں لڑائیں، فرمائشیں کر کے کافی بھی پی اور اس کے جانے کے بعد وہ واپس کمرے میں آکر چیزیں درست کرنے لگی۔

’’چلا گیا عباس!‘‘

’’جی چلا گیا۔‘‘ بی بی کے پوچھنے پر مصروف سا جواب دیا۔

’’بہت اچھا لڑکا ہے عباس! ہے نا۔‘‘ وہ بس مسکرا دی۔ بی بی اسے خاموشی سے دیکھتی رہیں پھر جب وہ انہیں لٹانے کی غرض سے قریب آئی تو وہ دھیرے سے بولیں۔

’’اور بہت چاہتا بھی ہے تمہیں، ہے نا۔‘‘ اسے لگا تھا کہیں بجلی کڑکی ہے۔ کیا بی بی اس پر الزام لگا رہی تھیں؟

’’کیا۔۔۔ کیا اس نے آپ سے خود کہا ہے؟‘‘ ایک طویل خاموشی کے بعد اس نے پوچھا۔

’’اوہوں اندازہ ہے میرا۔‘‘

’’آپ کو غلط فہمی ہوئی ہے بی بی۔‘‘ خدا جانے اس نے کس کو جھٹلایا تھا۔ بی بی کو یا ذہن میں چمکتی عباس مصطفی کی آنکھوں کو۔ بی بی ہنس دیں نرمی سے۔

’’یہ جو میرے سر پر سفید بال ہیں نا مائدہ یہ تجربے کی دھوپ میں سفید ہوئے ہیں۔ عباس کی آنکھوں میں جو تحریر ہے نا میں اسے کئی دنوں سے پڑھ رہی ہوں۔‘‘ انہوں نے توقف کیا پھر اس کا متوحش چہرہ دیکھ کر اس کا ہاتھ تھام کر ہونٹوں سے لگالیا۔ ’’تم میری بیٹی نہیں ہو مگر یقین کرو مجھے تم میبہ سے بڑھ کر عزیز ہو۔ اسجد یہاںہوتا تو بات دوسری تھی پھر میں تمہیںکہیں بھی نہ جانے دیتی مگر۔۔۔۔ مائدہ! جب خوشیاں دروازے پر کھڑی ہونا تو کسی اور کے انتظارمیں وقت ضائع نہیں کرتے۔ عباس بھی ان ہی خوشیوں کا حصہ ہے۔‘‘ انہوں نے کہہ کر آنکھیں موند لیں تو وہ تھکے تھکے قدموں سے باہر آگئی۔

’’میں نے تو اپنا آپ سنبھالنے میں کبھی کوتاہی نہیں کی تھی بی بی! آج تک کسی مرد کی طرف آنکھ اٹھا کر اس لےے نہیں دیکھا کیونکہ میں نفس سے خوف زدہ تھی، میں تو بس شیطان کو ہی مات دیتی رہی۔ اب۔۔۔ اب اگر وہ ہی میرے بارے میں کچھ اور سوچنے لگا تو۔۔۔ تو اس میں میرا کیا قصور۔‘‘ گھر کی پچھلی جانب صحن خالی تھا۔ آلوچے کے پتے بھی جانے کہاں کھو گئے تھے۔ ایسا لگ رہا تھا کہ سارا سفر اکارت جانے کا وقت آگیا پھر غلطی سی غلطی یہ ہوئی کہ میبہ نے بات کرنے کے لےے غلط وقت چنا۔ وہ پہلے ہی الجھی ہوئی تھی۔ سنتے ہی بھڑک اٹھی۔

’’خدا کے لےے میبہ! مجھے اس گائوں کا رستہ مت دکھائو جہاں مجھے جانا ہی نہیں ہے۔‘‘

’’آخر برائی کیا ہے عباس بھائی میں؟‘‘

’’کوئی برائی نہیں ہے، وہ بلاشبہ ایک اچھا انسان ہے۔‘‘

’’جب اچھا انسان ہے تو۔۔۔‘‘

’’تم کیا چاہتی ہو میبہ! میں گناہ کروں، ایک نکاح پر دوسرا نکاح پڑھوالوں۔‘‘ وہ حد درجہ زچ ہوگئی۔

’’گناہ کرنے کے لےے نہیں کہہ رہی میں، فتویٰ بھی تو لیا جاسکتا ہے۔ اسلام نے ایسی عورت کو شادی کی اجازت دی ہے جو۔۔۔‘‘ مائدہ اسے حیرانگی سے تکے گئی۔ یہ لڑکی کب اتنی بڑی ہوگئی تھی کہ اسے راہیں دکھانے لگے۔

’’تم نے وہ حکایت تو سن رکھی ہوگی نا میبہ! کہ ایک شخص نے پتھر سامنے رکھ کر ساری رات ایک پائوں کے سہارے چلہ کاٹا اور دعا کی کہ اے میرے رب! اس پتھر کو سونا بنا دے، ساری رات گزرجانے کے بعد بھی جب پتھر سونا نہ بنا تو وہ شخص تنگ آکر کہنے لگا کہ اے میرے خدا! اس پتھر کو سونا نہیں بناتا تو لوہا ہی بنادے اور وہی وقت قبولیت کا تھا، پتھر سونا نہیں بن سکا مگر لوہا ضرور بن گیا۔ سنو میبہ! میں بھی پچھلے پانچ سالوں سے ایک پائوں کے سہارے چلہ کاٹ رہی ہوں، اپنے نفس کی حفاظت کرنا چلہ کاٹنا ہی تو ہے۔ تم خود بتائو اگر میں نے ہار کر لوہا بننے کی دعا کرلی اور وہی وقت قبولیت کا ہوا تو میں کیا کروں گی۔‘‘

’’اسجد بھائی واپس نہیں آئیں گے پیا! آپ کیوں اپنے ہاتھوں سے اپنی زندگی خراب کر رہی ہیں۔‘‘

’’وہ آئے گا، تم دیکھنا، میبہ! وہ ضرور آئے گا۔ میرے لےے نہ سہی تو تمہارے لےے اور تمہارے لےے نہیں تو اپنی ماں کے لےے۔۔۔‘‘

’’یہ آپ کی خام خیالی ہے پیا!‘‘ وہ طنز سے ہنسی تھی۔ ’’اگر انہیں واپس ہی آنا ہوتا تو وہ جاتے ہی کیوں؟ تب انہیں بہن کا خیال نہیں آیا ماں پائوں کی زنجیر نہ بن سکی تو پھر اب۔۔۔‘‘ اس نے مڑ کر دیکھا مائدہ حسین وہاں نہیں تھی۔

٭٭٭

پاپا کہتے تھے وہ نہیں آئے گا، بی بی کہتی تھیں آگے جانے والے پیچھے پلٹ کر دیکھیں تو پتھر کے ہوجاتے ہیں اور اسجد طارق کو ہمیشہ پتھروں سے نفرت رہی ہے اور میبہ بھی یہی کہہ رہی تھی مگر اسے یقین تھا کہ وہ لوٹ آئے گا تبھی پانچ سال اس کے انتظار میں گزار دےے تھے مگر ضروری تو نہیں کہ جو زبان پر ہو وہی دل میں بھی ہو۔ اس کی امید تو تبھی ٹوٹ گئی تھی جب اسجد طارق فرانس روانہ ہوا تھا۔ کوئی نہیں جانتا تھا کہ وہ کہاں ہے، سوائے مائدہ کے۔ جانے سے قبل وہ اس کے پاس آیا تھا۔

’’مجھے پابندیاں اچھی نہیں لگتیں اور میں کسی کو پابند رکھنے کا قائل بھی نہیں ہوں، تم جب بھی آزادی حاصل کرنا چاہو، مجھے لکھ دینا۔ مائدہ! آئی پرامس میں تمہاری خواہش پوری کرنے میں ایک پل بھی نہیں لگائوں گا۔۔۔ مجھے ابھی بہت آگے جانا ہے اور یہی رشتے میری راہ میں ایک رکاوٹ ہیں مگر اب نہیں۔۔۔‘‘ وہ کہہ گیا تھا اور دوسرے معنوں میں کشتی دے کر پتوار ہمراہ لے گیا تھا او روہ یہ بھی نہ کہہ سکی کہ میری خواہش تو تم تھے اسجد طارق اور کبھی میں بھی تو تمہاری خواہش تھی پھر یکایک کیا ہوا، یہی بتا جائو کہ جو رشتے تمہاری راہ کی رکاوٹ تھے ان ہی کو آسمان تک پہنچے کی سیڑھی کیوں بنایا اور اب کئی سالوں سے وہ بیچ بھنور میں ڈول رہی تھی۔

٭٭٭

اور وہ واقعی ڈرتی تھی تبھی اپنا رستہ بدل گئی، اگر چہ پہلے بھی سامنا کم ہوتا تھا مگر اب تو وہ سرسری سلام دعا سے بھی کترانے لگی مگر مشکل ہوجاتا ہے جب سوچوں کا رخ بدلنے کی سعی مسلسل کی جائے تو سوچیں اٹک جاتی ہیں اور وہ جو سمجھ رہی تھی کہ رستہ بدلنے سے ہر چیز درست ہوجائے گی، خود ہی سب کچھ غلط کر بیٹھی۔ وہ عباس مصطفی کے بارے میں سوچنا نہیں چاہتی تھی مگر ہر پل نادانستہ اسے سوچنے لگی اور جب کچھ نہ سوجھا تو خائف ہو کر رونے لگی۔

’’یہ کیا ہورہا ہے میرے ساتھ۔‘‘ جائے نماز پر بیٹھے بیٹھے وہ خدا سے پوچھ رہی تھی، جب میبہ اندر آئی۔

’’تیمور کا برتھ ڈے ہے اور اس نے ہمیں ڈنر پر انوائٹ کیا ہے۔‘‘

’’تم چلی جائو، میرا موڈ نہیں ہے۔‘‘ جائے نماز کو تہ کر کے وہ کھڑی ہوئی۔ میبہ نے خاموشی سے اسے دیکھا پھر بڑھ کر اس کے کندھے تھام لےے۔

’’مجھے لگتا ہے آپ عباس بھائی سے محبت کرنے لگی ہیں، ان کا سامنا کرنے سے کترا رہی ہیں۔‘‘

’’بکواس مت کرو میبہ!‘‘ اس نے غصے سے اس کے ہاتھ جھٹکے۔ ’’یہاں محبت کہاں سے ٹپک پڑی۔‘‘

’’اگر میری بات غلط ہے تو کیوںچھپتی پھر رہی ہیں، کل ہی تیمور مجھ سے آپ کے بارے میں پوچھ رہا تھا۔‘‘

’’میبہ! تم کبھی کبھی بالکل ہی دماغ خراب کر کے رکھ دیتی ہو، میں بھلا کیوں چھپوں گی۔ تم جانتی ہو کالج میں کتنا کام ہے ان دنوں، بی اے کی ایگزامز ہورہے ہیں اور ۔۔۔ ٹھیک ہے میں چلوں گی۔‘‘ وہ اسے رد کرنے کی خاطر تیار ہوگئی۔ میبہ نے خوشی سے چیخ ماری پھر فٹافٹ تیمور کا نمبر ڈائل کیا۔

’’پیا آئیں گی۔۔۔ ارے نہیں۔۔۔ ہاں بھئی۔۔ اچھا تم ارینج کرلو۔‘‘ پھر اس کی طرف پلٹی۔ ’’پیا! وہ آپ سے بات کرنا چاہتا ہے۔‘‘ مائدہ نے بڑھ کر ریسیور لے لیا۔

’’کیسی ہو سہیلی؟‘‘

’’زندہ ہوں اور ویسی کی ویسی ہوں۔‘‘

’’یعنی نک چڑھی اور بدمزاج۔‘‘

’’ارے میں مائدہ بول رہی ہوں، میبہ نہیں۔‘‘

’’جانتا ہوں۔ اس کی سریلی آواز کو تو میں لاکھوں میں بھی پہچان سکتا ہوں۔‘‘

’’آ۔۔۔ اچھا۔‘‘ اس نے میبہ کو خاصے معنی خیز انداز میں دیکھا تو وہ اس سے چپک کر باتیں سننے لگی۔

’’ہوں یہی بات ہے، باقی باتیں تم بھی سوچ لو۔۔۔ یار! اب تو میں اپنا ذاتی بزنس بھی اسٹیبلش کر چکا ہوں۔‘‘

’’رئیلی۔۔۔ تو پھر میں ڈبل ٹریٹ لوں گی۔‘‘

’’ارے میں تمہیں کئی بار ٹریٹ دینے کو تیار ہوں، فی الحال تم سالگرہ میں تو آئو۔‘‘

’’اتنے بڑے ہو کر سالگرہ مناتے شرم نہیں آتی۔‘‘

’’بالکل نہیں۔‘‘ وہ ڈھیٹ ابن ڈھیٹ تھا، پہاڑ کے نیچے کیسے آتا۔ صحیح وقت پر آنے کی تاکید کر کے فون بند کر دیا۔

من آنگن میں شہر بسا ہے

شہر میں اک دریا بہتا ہے

دریا کی لہروں میں رہتے

رستوں میں ان دیکھے سپنے کھلے ہوئے ہیں

خواب، دھنک، خوشبو اور چہرے ملے ہوئے ہیں

تیز ہوا میں دیپ سمے کے جلے ہوئے ہیں

لیکن شہر کے دروازے پر

بے خوابی کے دکھ سکھ اوڑھے

جانے کس کی آس میں آنکھیں

نیندوں کا پہرہ دیتی ہیں

کبھی کبھی زندگی میں کڑے امتحان بھی دینے پڑتے ہیں جو بظاہر بہت آسان مگر بے حد سخت ہوتے ہیں، وہ بھی ایک ایسا ہی امتحان دینے جارہی تھی۔

’’کیا مصیبت ہے، آخر میں اتنا گھبرا کیوں رہی ہوں۔‘‘ اس نے خود کو گھر کا اور گہرا سانس بھر کر چوٹی کے بل مکمل کر کے بینڈ چڑھایا۔ شیشے میں اپنا جائزہ لیا پھر کچھ سوچ کر برائون شیڈ کی لپ اسٹک بھی لگالی۔ تیاری ابھی بھی منہ چڑا رہی تھی، آخر ایئر رنگز بھی پہن لےے۔ اپنی طرف سے اس نے بہت نارمل سی تیاری کی تھی، بالکل ویسی ہی جیسی ہر روز کالج جاتے ہوئے کرتی تھی۔ میبہ کو چلنے کے لےے کہا تو وہ فوراً کمرے سے نکل آئی اور مائدہ کو لگا تھا کہ اس نے تنقیدی سی نگاہ اس پر ڈالی ہے۔ میبہ نے تو کچھ نہیں کہا تھا مگر تیمور تو خیر کبھی بھی لگی لپٹی نہ رکھتا تھا، بڑے پرجوش انداز میں استقبال کیا گیا مگر جوں ہی اس پر نگاہ پڑی نہایت ناگوار شکل بنا کر بولا۔

’’میں نے تمہیں سالگرہ میں انوائٹ کیا تھا، رسم چہلم میں نہیں۔‘‘

’’شکل تو خیر تمہاری بری ہے مگر کم سے کم باتیں تو اچھی کرلیا کرو۔‘‘ یہ جواب میبہ کی طرف سے آیا تھا۔ مائدہ درزدیدہ نظروں سے لائونج کا جائزہ لے رہی تھی جو بالکل خالی تھا۔

’’تمہاری بات مجھے اتنی بری لگی ہے کہ جلتے کوئلے سے تمہارا منہ داغ دینے کو جی چاہ رہا ہے مگر مستقبل قریب میں تم میری نصف بہتر ہوسکتی ہو، اب جلے منہ والی بیوی مجھ جیسے ہینڈسم بندے کے ساتھ کچھ اچھی نہیں لگے گی، لہٰذا میں نے تمہیں معاف کیا۔‘‘ خاصی بے نیازی سے کہا گیا تھا۔

’’اس عظیم مہربانی پر کنیز شکریہ بجا لاتی ہے لیکن اگر آپ کی فضول بکواس ختم ہوگئی ہو تو ہم اندر آجائیں۔‘‘

’’ارے ہاں۔‘‘ اس نے ایک طرف ہو کر انہیں راستہ دیا، تبھی کسی کونے سے عباس برآمد ہوا تھا۔ کلائی پر گھڑی باندھتے ہوئے وہ غالباً کہیں جانے کو تیار تھا، انہیں دیکھ کر ٹھٹک گیا پھر خوشگواریت سے بولا۔

’’اگر چہ کافی گھسا پٹا شعر ہے مگر کیا کریں کہ اردو ادب میں حسب حال یہی ہے کیونکہ مجھے یاد بھی یہی ہے۔‘‘

’’رہنے دو میرے ماموں جان! تم شعر بھی نثر میں پڑھتے ہو۔‘‘ تیمور کے کہنے پر وہ ہنس دیا پھر ان کی طرف دیکھ کر بولا۔

’’تم دونوں کو اپنے گھر میں دیکھ کر مجھے واقعی بہت خوشی ہوئی ہے۔‘‘ جملہ مکمل ہونے تک تیمور نے بہت معنی خیز انداز میں کھنکار کر گلا صاف کیا تھا پھر سر کھجانے لگا تھا، انداز میں حد درجہ شرارت اور لبوں پر دبی دبی مسکان تھی۔ کچھ ایسے ہی تاثرات میبہ کے تھے۔ ان کے اس انداز پر مائدہ پل بھر کو پزل ہوئی پھر اپنی ازلی خود اعتمادی سے مخاطب ہوئی۔

’’آپ کہیں جارہے ہیں عباس؟‘‘ خود کو لا تعلق تو ظاہر کرنا ہی تھا۔

’’ہاں، ایکچوئیلی ایک دوست کے یہاں۔۔۔‘‘

’’لیکن ہم تو آپ کے ساتھ ڈنر کرنے آئے تھے۔‘‘ میبہ نے جلدی سے کہا تو تیمور تائید کر کے بولا۔

’’میری سالگرہ تھی نا تو میں نے انہیں انوائٹ کیا ہے۔‘‘

’’تمہاری سالگرہ۔۔۔‘‘ عباس حیران ہوا۔ پوچھنا چاہتا تھا کہ وہ سالگرہ کیا ہوئی جو چار ماہ پہلے تم نے منائی تھی مگر پوچھ نہیں سکا۔

’’اوکے میں فراز سے ایکسکیوز کر لیتا ہوں۔‘‘ وہ ٹیلی فون اسٹینڈ کی طرف بڑھ گیا۔ مائدہ اپنی دعا پوری نہ ہونے پر چڑ گئی جبکہ تیمور اور امیبہ نے ایک دوسرے کو وکٹری کا اشارہ کیا تھا۔ کھانا کھانے کے بعد لائونج میں ہی ڈیرہ جما۔ تیمور میبہ کی گفٹ کی ہوئی شرٹ پر برے برے کمنٹس پاس کر رہا تھا۔

’’دیکھو لینی ہے تو لو ورنہ واپس کردو۔‘‘ میبہ چڑ گئی تو وہ اسے دیکھتے ہوئے ہنس دیا۔

’’محترمہ! جو چیز ہم ایک بار لے لیتے ہیں اسے واپس نہیں کیا کرتے۔‘‘ میبہ سٹپٹا کر عباس سے باتیں کرنے لگی۔ کچھ دیر بعد تیمور نے ہی تجویز دی تھی۔

’’کیوں نا آج تم لوگوں کو عباس کی پینٹنگز دکھائی جائیں۔‘‘

’’نہیں تیمور! اب ہم لوگ جاتے ہیں، بی بی انتظار کر رہی ہوں گی۔‘‘ مائدہ کو جانے کی جلدی تھی۔

’’بالکل نہیں، کافی پلوائے بغیر تو ناممکن ہے۔‘‘ وہ انہیں لےے اسٹوڈیو میں آگیا جو ٹیرس سے منسلک تھا، دائیں طرف گلاس وال تھی، ستاروں بھرا آسمان پھر سارا ٹیرس نرم ہوا سے بھرا ہوا تھا۔ وہ کچھ دیر عباس کی بنائی ہوئی پینٹنگز دیکھتی رہی۔ میبہ تو باقاعدہ تبصرہ فرما رہی تھی۔ اس نے ان تینوں کو مشغول دیکھا تو دروازہ دھکیل کر باہر آگئی۔ ہوا میں رات کی رانی اپنی تمام تر جولانیوں سمیت موجو دتھی۔

عباس نے اسے گرل کے پاس کھڑے دیکھا، سر کی پشت پر ہاتھ رکھے وہ جیسے کچھ سوچ رہا تھا۔ پچھلے کئی دنوں میں وہ اس کا گریز واضح طور پر محسوس کر چکا تھا۔ چہرے پر سجائی خود ساختہ سختی و سنجیدگی بھی اس کی نگاہوں سے پوشیدہ نہیں رہی تھی۔ اس نے دو مگ کافی کے اٹھائے اور باہر آگیا۔ تیمور اور میبہ نہ جانے کس موضوع پر بحث کر رہے تھے۔ عباس کو لگا وہ دنیا کا ’’چغد اعظم‘‘ ہے مگر دل کی آواز سے نظریں چرانا آسان نہیں ہوتا۔ وہ قریب آکر رک گیا۔ مائدہ کو کسی کی موجودگی کے احساس نے چونکایا، گردن موڑ کر دیکھا۔

’’تم شاید بور ہورہی ہو۔‘‘ عباس نے کافی کا مگ اس کی جانب بڑھایا، وہ خفیف سا مسکرائی۔

’’نہیں تو۔‘‘ عباس نے لب بھینچ کر مسکراہٹ چھپائی، اس لڑکی کو یا تو جھوٹ بولنا ہی نہیں آتا تھا یا وہ ہی پہچان لینے کی صلاحیت رکھتا تھا۔

وہ ہاتھ مسلنے لگی، دل الگ دھڑ دھڑ کر رہا تھا، گلاس وال کے دوسری طرف میبہ اور تیمور ابھی بھی ان کی طرف متوجہ نہیں تھے، وہ متذبذب سی تھی۔ یہاں ٹھہرنے اور چلے جانے کے بیچ اٹکی ہوئی۔

’’اتنا گھبرا کیوں رہی ہو مائدہ! میں کوئی بھوت تو نہیں ہوں۔‘‘ تبھی عباس نے بہت سادگی سے کہا۔

’’جی نہیں، میں بھلا کیوں گھبرائوں گی۔‘‘ وہ سٹپٹا سی گئی۔ عباس گرل پر کہنیاں رکھے شہر کی روشنیاں دیکھتا رہا پھر یوں ہی نظر گھما کر اسے دیکھا۔ کافی پیتے ہوئے عجیب سی بے کلی ہر انداز سے ہویدا تھی، وہ مسکرائے بنا نہیں رہ سکا۔

’’ہم لوگ چلتے ہیں اب۔۔۔ کافی دیر ہورہی ہے اور کھانا بہت اچھا تھا۔‘‘ وہ کافی ختم کر کے تیزی سے فارمیلٹی نبھا رہی تھی اور اسے احساس بھی نہیں تھا کہ کتنی ہونق لگ رہی ہے۔ عباس فقط خاموشی سے اسے تکے گیا، تب وہ خائف سی ہو کر پلٹ گئی تھی مگر عباس مصطفی اس کے سامنے تھا۔

’’ایک بات بتائوں مائدہ!‘‘ اس سا ’’ویل مینرڈ‘‘ بندہ بغیر اجازت کے تو کوئی بات کر ہی نہ سکتا تھا، البتہ دل پر کس کا بس چلتا ہے، وہ اس کے سامنے کھڑا تھا، اپنی تمام تر وجاہت کے ساتھ۔

’’پتھروں اور انسانوںمیں بہت فرق ہوتا ہے۔ پتھر کو تو آپ ایک ٹھوکر سے ہٹا سکتی ہومگر انسان کو نہیں اور میں پتھر نہیں ہوں۔‘‘ ایک گہری دلفریب مسکراہٹ ان لمحوں کی نذر کر کے وہ سامنے سے ہٹ گیا تھا۔ وہ دروازے کی طرف بڑھ گئی مگر ہینڈل پر ہاتھ رکھے بے اختیار پلٹی، عباس مصطفی سینے پر بازو باندھے وہیں کھڑا تھا اور نگاہیں اس پر تھیں۔ سنجیدہ سے چہرے پر بکھراتبسم فتح کے احساس سے لبریز تھا۔ وہ تیزی سے اندر داخل ہوگئی تھی۔

٭٭٭

کبھی مصروفیت کی تیز آندھی

کبھی حالات کے جھکڑ

کبھی کھائے ہوئے سارے فریبوں کی جھلستی یاد کی لو

اور کبھی اپنی گزشتہ بے وفائی کے ندامت خیر منظر

کبھی خوں کی حرارت، جسم کی حدت، خیالوں کی تمازت کو

خیال و خواب کرتی

سال و سن کی برف باری

کبھی کچھ تلملاتی خواہشوں کا رقص وحشت

مجھے مجبور کرتے ہیں

کہ میں اندر کی جانب کھلنے والے سارے دروازے مقفل کر کے

خود کو صورت حالات میں محصور کرلوں

مفاد و مصلحت کو ذات کا منشور کرلوں

زمانے کی شرائط جو بھی ہیں منظور کرلوں

مجھے بھی وقت کے فرمان سے انکار تو شاید نہیں لیکن

محبت کا دریچہ بند ہونے میں نہیں آتا

کھڑکی کے کھلے پٹ سے ترو تازہ ہوا کا جھونکا جس پل اس کے چہرے کو چھو کر کمرے کی خاموش فضا میں بکھرا، وہ کھل کر مسکرادی۔

’’ٹھیک ہے میری زندگی ہے، میں جس کے ساتھ چاہے گزاروں۔۔۔ جس طرح سے مرضی گزاروں مگراب مجھے اسجد طارق کا مزید انتظار نہیں کرنا۔‘‘ فیصلہ ہوچکا تھا اور اب وہ خود کو بے حد ہلکا پھلکا محسوس کر رہی تھی، کتنی ہی دیر وہ وہیں کھڑی آسودہ سانس لیتی رہی۔ فیصلہ کرنا اگر چہ مشکل ہوتا ہے مگر ب ہوجاتا ہے تو اس طمانیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اس نے بالوں میں برش پھیرا پھر ڈھیلی سی چوٹی باندھ کر باہر آگئی۔میبہ اور بی بی لونگ روم میں تھیں۔

’’میبہ! گھومنے چلیں۔‘‘ اس نے جیراں کا اسکیچ بناتی میبہ سے پوچھا۔ میبہ نے قدرے حیرت سے اسے دیکھا، کچھ اسی قسم کا رد عمل بی بی کا تھا۔ اس قسم کی فرمائشیں عام طور سے میبہ کیا کرتی تھی اور مائدہ ہمیشہ اسی کے کہنے پر راضی ہوجاتی تھی۔

’’میں بھی تم لوگوں کے ساتھ جائوں گی۔‘‘ میبہ کو پھر جھٹکا لگا۔ بی بی نے بھی ایسی بات پہلی بار کہی تھی۔ بہرحال جب لوگ تیار تھے تو وہ کیوں انکار کرتی اور وہ ان کی زندگی کی ایک بہترین شام تھی۔ کالونی کا روڈ پھر نہر کا کنارہ۔جہاںرک کر انہوں نے خوب ہی قہقہے لگائے تھے۔ مائدہ خوش تھی کیونکہ وہ فیصلہ کر چکی تھی، بی بی کو اس کے چہرے پر بکھری مسکان نئی نئی سی لگ رہی تھی جس میں خود ساختگی نہیں بلکہ بے ساختگی تھی۔ آج تو اس کی آنکھیں بھی اس کے ساتھ ہی مسکرا رہی تھیں۔ نہر کے کنارے بیٹھ کر انہوںنے تالیاں بجا بجا کر گانے گائے تھے۔ بی بی نے انہیں اپنے دور کا مشہور گانا سنایا تھا پھر پتھر مار کر آم توڑے گئے اور واپسی کا سفر اسی خوشگواریت میں ہوا تھا۔

عباس مصطفی نے ٹیرس کی گرل پر کہنیاں ٹکائے کافی کی چسکیاں بھرتے ہوئے کسی قدر حیرانگی سے ان تینوں کو دیکھا تھا پھر خفیف سا مسکرادیا تھا۔ ’’ہنستی مسکراتی زندگیاں۔‘‘

اسی پل میبہ نے اس کی طرف دیکھا تھا پھر مائدہ کو بتا کر بی بی کو ادھر متوجہ کیا تھا۔ عباس نے وہیں سے ہاتھ ہلا کر انہیں وش کیا، اگر چہ اس کا ارادہ ان کے پا س جانے کا نہیں تھا مگر میبہ کے بلانے پر چلا گیا۔ با آواز بلند سلام کرتے ہوئے اس نے وہیل چیئر پر بیٹھی بی بی کے آگے سر جھکا دیا۔

’’جیتے رہو۔‘‘ شفقت سے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے انہوں نے دعا دی۔ وقت چاہے کتنا بھی آگے سرک جائے مگر سر پر پیار لینے میں الگ ہی مزا ہے پھر اس نے تو یوں بھی بچپن میں ماں باپ کے پرشفقت ہاتھوں کا لمس محسوس نہیں کیا تھا۔ پہلے ماں جنم دیتے ہی چلی گئی، پھر باپ بھی۔۔۔ بجیا اس سے کم و بیش اٹھارہ سال بڑی تھیں۔ بابا کو شاید اپنی موت نزدیک نظر آرہی تھی تبھی ان کی شادی کم عمر میں کردی۔ عارف لالہ نے اسے بالکل باپ کا سا پیار دیا تھا اور اس بات کا اسے احساس تھا جو بہت کم عمری میں ہی ہوگیا تھا۔ جوں جوں عمر کی سیڑھیاں چڑھتا گیا، یہ بوجھ کم سے کم تر کرنے کی تمنا نے اسے ہر مقام پر کامیاب کیا تھا۔ مائدہ نے تیمور کی بابت پوچھا تو وہ بولا۔

’’سورہا ہے۔‘‘

’’اس وقت۔‘‘ میبہ کو ہی اعتراض ہوا تھا۔

’’ہر بندہ اپنی مرضی کا مالک ہے۔‘‘ یہ بی بی نے کہا تھا اور پتا نہیں کیوں مائدہ مسکرائی تھی۔

’’تم کافی دن سے گھر نہیں آئے عباس ! حالانکہ میں نے تمہارا انتظار کیا تھا۔‘‘

’’سوری بی بی! لیکن آج کل آفس میں کام بہت ہے۔‘‘ عباس نے کہا۔ ’’لیکن آپ کبھی میرے گھر نہیں آئیں، لہٰذا آج آپ میرے گھر چلےے۔۔۔ رئیلی میں بہت اچھی کافی بناتا ہوں۔‘‘ اس نے تائید طلب نظروں سے ان کو دیکھتے ہوئے شرارت سے کہا پھر وہیل چیئر کے ہینڈلز تھام کر قدم بڑھانے کو تھا کہ انہوں نے اس کا ہاتھ تھام لیا، مسکرا کر بولیں۔

’’میں کافی نہیں پیتی۔ وہ جلی ہوئی روٹی جیسی چیز مجھے قطعاً پسند نہیں ہے۔‘‘

’’بی بی ! آپ چلےے تو جو کہیں گی وہ بنا کر کھلائوں گا۔ بلیو می، میں بہت اچھی کوکنگ کرتا ہوں، تبھی تو بجیا مجھے سگھڑ کہتی ہیں۔‘‘ انداز متبسم و شریر تھا۔

’’پھر تو آپ کی بیوی بہت خوش رہے گی۔‘‘ میبہ نے پیشن گوئی کی۔ اس نے بے اختیار مائدہ کو دیکھا جو جوتے سے زمین کرید رہی تھی۔ ایسا کیا تھا وہاں جس نے اسے چونکایا تھا۔ وہ دل ہی دل میں حیران ہوتا۔ بی بی کی جانب متوجہ ہوا جو کہہ رہی تھیں۔

’’میں آئوں گی مگر ابھی نہیں اور سنو، تم اپنی بجیا کو لے کر ضرور آنا۔‘‘

’’جی ضرور۔‘‘

’’اوکے عباس بھائی! ہم چلتے ہیں۔ ابھی مجھے اور پیا کو مارکیٹ بھی جانا ہے۔‘‘ میبہ اسے اللہ حافظ کہہ کر بی بی کی وہیل چیئر دھکیلنے لگی۔ اصولاً تو مائدہ کو بھی جانا چاہےے تھا مگر وہ وہیں کھڑی انہیں جاتا دیکھ رہی تھی اور اسے حیران کر رہی تھی۔

’’ایک بات بتائوں عباس!‘‘ وہ بھی اس ہی کے جیسی ویل مینرڈ بندی تھی، سو اجازت لےے بغیر کیسے کرتی۔ ’’پتھر بہت معصوم ہوتے ہیں، ایک ٹھوکر سے راستے سے ہٹائے جاسکتے ہیں مگر انسان تو ایڑی چوٹی کا زور لگادینے سے بھی نہیں ہٹتے۔ آں۔۔۔ ڈھیٹ جو ہوئے۔‘‘ ہونٹ دانتوں تلے دبا کر وہ خاموش ہوئی اور پلٹ گئی۔ عباس مصطفی نے اسے تب تک دیکھا تھا جب تک وہ سی گرین گیٹ کے پیچھے گم نہیں ہوگئی تھی۔ اس کے کہے ہوئے جملے کا مفہوم کچھ اور بھی ہوسکتا تھا مگر بعض ’’مفہوم‘‘ واضح کرنے کے لےے لفظوں کی ضرورت نہیں پڑتی اور بعض معاملات صرف مسکراہٹوں کے ذریعے طے پاجاتے ہیں۔ مائدہ حسین کی مسکراہٹ نے اس سے وہ کہا تھا جو اس کے لفظوں نے نہیں کہا تھا، اس نے بے اختیار ’’یاہو‘‘ کا نعرہ لگایا پھر جھینپ کر اِدھر اُدھر دیکھا۔ شکر ہے یہ حرکت کرتے ہوئے اسے کسی نے نہیں دیکھا تھا۔

’’سچ کہا ہے جس نے بھی کہا ہے، دل واقعی دماغ کو بے وقوف بنا دیتا ہے۔‘‘ بھنگڑے ڈالتے دل کو وہ ذرا مشکل سے ہی سنبھال پایا تھا۔

٭٭٭

وہ گیٹ کھول رہی تھی، جب بلیک کرولا سامنے سے گزری پھر ریورس ہو کر اس تک آئی۔ ’’کالج جارہی ہو۔‘‘ عباس نے کار سے نکلتے ہوئے پوچھا، اس نے مثبت جواب دیا تو بولا۔ ’’آئو میں ڈراپ کر دیتا ہوں۔‘‘ وہ مسکرائی۔

’’میرے پاس میری کار ہے۔‘‘ عباس نے خاصی ناگواری سے گیٹ کے اندر کھڑی منہ چڑاتی سفید نسان کو دیکھا۔

’’خاصی کھٹارا ہوچکی ہے۔‘‘ بالکل رقیب لگی تھی۔

’’کھٹارا ہے، ناکارہ تو نہیں۔‘‘ اس نے اپنی ہنسی روکی پھر ایک ستائشی نظر اس پر ڈالی۔

’’ویسے بی بی ٹھیک کہتی ہیں۔‘‘

’’کیا؟‘‘ وہ متجسس ہوا۔

’’یہی کہ آپ کرتا شلوار میں بہت اچھے لگتے ہیں۔‘‘ اس نے سادگی سے کہا کہ بی بی واقعی ایسا کہتی تھیں۔ عباس نے اس کی بات کو کافی انجوائے کیا تھا، ساتھ ہی بھنویں اچکا کر اسے دیکھا۔

’’کیا صرف بی بی ایسا کہتی ہیں۔‘‘ تبسم و شرارت بھرا لہجہ حد درجہ معنی خیز تھا۔

’’نہیں، میبہ بھی ایسا ہی کہتی ہے اور۔‘‘ وہ کار سے ٹیک لگا کر کھڑی ہوگئی تھی۔ ’’اور میں ان دونوں سے سو فیصد متفق ہوں۔‘‘ اس نے وہی کہا تھا جو عباس سننا چاہ رہا تھا، اس کا قہقہہ زبردست تھا۔

’’حسین لڑکیاں اس وقت اور بھی حسین لگنے لگتی ہیں جب وہ سچ بولتی ہیں۔‘‘

’’میں چلتی ہوں۔۔۔ دیر ہورہی ہے۔‘‘ اس نے مسکرا کر کہا مگر عباس حد درجہ سنجیدگی سے بولا۔

’’اور اس وقت زہر لگتی ہیں جب گھبرا کر بھاگ جاتی ہیں۔‘‘ اب مائدہ کا قہقہہ بے ساختہ تھا اور شاید نہیں، یقینا عباس نے پہلی بار اسے یوں ہنستے ہوئے دیکھا تھا او رکافی دیر تک دیکھتا رہا تھا۔ وہ سٹپٹا کر اِدھر اُدھر دیکھنے لگی۔ اس بے ساختہ قہقہے کو بریک بھی بے ساختہ ہی لگا تھا۔

’’تمہاری ہنسی بے حد خوب صورت ہے مائدہ!‘‘ وہ کہے بنا نہیں رہ سکا پھر اسے انگلیاں مروڑتے دیکھ کر بولا۔‘‘ میں تمہیں لنچپر لے جارہا ہوں، چلو گی۔‘‘ عجیب دھونس جماتا سا انداز تھا۔

’’یہ بتا رہے ہیں یا پوچھ رہے ہیں۔‘‘

’’بتا کر پوچھ رہا ہوں۔‘‘

’’آں۔۔۔ سوچوں گی۔‘‘ کہہ کر وہ اپنی کار کی طرف بڑھی، تب وہ پیچھے سے پکار کر بولا۔

’’تم سوچنے میں پہلے ہی کافی ٹائم لے چکی ہو۔‘‘ معنی خیزی سی تھی۔

’’جی بالکل کیونکہ عقل سے کیا گیا فیصلہ ہی دیرپا ہوتا ہے۔‘‘ وہ کیوں پیچھے رہتی، وہ ہنس دیا۔

’’اچھا سنو، میں اور تیمور چند روز کے لےے سیالکوٹ جارہے ہیں اور واپسی پر بجیابھی ہمارے ساتھ ہوں گی۔‘‘ اس نے مسکرا کر اثبات میں سر ہلا دیا۔ اسے خبر تھی کہ بجیا ان کے ساتھ کیوں آئیں گی۔ یہ اس کی زندگی کا ایک اور خوشگوار دن تھا، عجب سی سرشاری تھی، کتنا خوش کن احساس ہوتا ہے نا کہ کوئی آپ کی تمنا کر رہا ہے، آپ کو چاہ رہا ہے، بس وہ بھی اسی احساس کے زیر اثر تھی۔ اتنا عرصہ کسی کے انتظار میں گزارا تھا مگر اب کوئی اس کا منتظر تھا، بس اب ’’اسجد طارق‘‘ کو چند لفظ ہی لکھنے تھے مگر قسمت کبھی کبھی عجیب کھیل کھیلتی ہے، اس کے ساتھ بھی کھیل کھیلا جا چکا تھا، اب جبکہ وہ دوسری کشتی میں سوار ہونے لگی تھی تو پتوار خود چل کر اس کے پاس آگئے تھے۔ اسجد طارق کو ایک لفظ بھی لکھنے کی ضرورت نہ پڑی تھی۔

٭٭٭

وہ ساکت کھڑی اسجد کو بی بی کے بیڈ پر براجمان دیکھ رہی تھی، اس پل تو اسے خود بھی خبر نہ تھی کہ اس کے چہرے پر کون سا تاثر ٹھہرا ہے۔ تحیر کا، تکلیف کا یا خوشی کا۔

’’دیکھو مائدہ! میرا اسجد آگیا، تم ٹھیک کہتی تھیں مائدہ! یہ لوٹ آیا ہے۔‘‘

بی بی دایاں بازو پھیلائے اسے پرجوش انداز میں بتا رہی تھیں۔ مائدہ کی پتھر آنکھوں میں خفیف سی حرکت ہوئی۔ بی بی کا بازو اسجد کے کندھے پر یوں رکھا ہوا تھا گویا وہ خود بھی یقین کرنا چاہ رہی تھیں اسے چھو کر۔۔۔ آنکھوں میں چمکتے ڈھیروں ڈھیر آنسو، جوش سے مسکراتے لب اور ممتا سے لبریز چہرہ۔ مائدہ کا ہاتھ دروازے کے ہینڈل پر جھول گیا تبھی اسجد طارق بی بی کا ہاتھ نرمی سے ہٹا کر اٹھا اور مسکراتا ہوا س کے عین سامنے آن رکا۔

’’کیسی ہو مائدہ؟‘‘ کوئی شرمندگی نہیں، کوئی پچھتاوا نہیں، ان آنکھوں میں ایک جہان آباد تھا اور مائدہ حسین اپنے بے حس و حرکت وجود سمیت ان آنکھوں کی گہرائیوں میں کھڑی تھی۔

٭٭٭

بی بی نے کہا وہ نہیں آئے گا، شجاعت حسین نے کہا وہ نہیں آئے گا، میبہ نے کہا وہ نہیں آئے گا مگر۔۔۔ مگر اس نے کہا وہ آئے گا اور وہ سچ مچ آگیا۔ ’’کیوں؟ کب؟ کیسے؟‘‘ قسم کے سوال ہی بے معنی تھے، بس وہ لوٹ آیا تھا اور سب کے لےے یہی کافی تھا۔ کہتے ہیں صبح کا بھولا اگر شام کو گھر آجائے تو اسے بھولا نہیں کہتے۔ اسجد طارق وہ بھولا تھا جس کی شام پانچ برسوں میں ہوئی تھی اور اس طرح جا کر لوٹ آنے والوں کے پاس بہت سی کہانیاں ہوا کرتی تھیں۔ مجبوری کی، بے بسی کی۔۔۔ اپنی معصومیت کی ہر دلیل ان کی زنبیل میں ہر دم موجود رہتی ہے۔۔۔ امبیسی کے چکر میں پھنس گئے، کسی ناکردہ جرم کی سزا کے طور پر جیل میں رہے، روپوں کی کمی نے واپسی سے روکا، وغیرہ وغیرہ۔ مگر اسجد طارق نے کسی ایسے بہانے کی ضرورت محسوس نہیں کی تھی، اس نے سب کے بیچ بیٹھ کر میرلین نامی لڑکی سے شادی اور پھر طلاق کا اعتراف کیا تھا اور وہ جو کچھ حاصل کرنے گیا تھا وہ حاصل کر کے ہی لوٹا تھا، یعنی بہت ڈھیر ساری دولت اور اس ملک کی نیشنلٹی۔ اس کے علاوہ ہر بات کھوکھلی اور بے معنی تھی۔

’’تمہیں چھوڑ دینے کے بعد میں خود بھی خوش نہیں رہ پایا، یقین کرو ان پانچ برسوں میں ہر قدم پر تمہیں چھوڑ دینے کا مجھے دکھ ہوا ہے، کئی بار چاہا کہ تم سے کانٹیکٹ کروں مگر شرمندگی ہر بار آڑے آتی رہی۔‘‘ اس دن وہ کچن میں تھی، جب وہ اس کے پاس آن رکا پھر معافی تلافی ہوئی، اپنی غلطی پر پشیمانی، ماں بہن کو سنبھالا دینے پر شکر گزاری کے جذبات کا اظہار، اتنا عرصہ اس کا انتظار اتنی استقامت سے کرنے پر تعریفیں اور آخر میں ’’حسن جہاں سوز‘‘ کی شان میں قصیدے۔ ایسا نہیں تھا کہ وہ اس کی بات پر ایمان لانا ہی نہیں چاہتی تھی بلکہ اسے یقین آ ہی نہیں رہا تھا مگر وہ بی بی اور میبہ کے چہرے پر بکھری خوشی سے کوشش کے باوجود نظریں نہیں چرا پائی تھی۔ بالکل اتفاقی طور پر مما اور پاپا آئے تھے۔ وہ اسجد کی واپسی سے قطعی ناواقف تھے، اسجد نے ان سے معافی مانگ لی تھی اور رقم بھی لوٹا دی تھی۔ پتا نہیں انہوں نے معاف کیا تھا یا نہیں۔ بہرحال کتنی ہی دیر پاپا خاموشی سے اسے تکے گئے تھے پھر اس کا سر تھپتھپا کر بولے تھے۔

’’جو تم چاہو گی وہی ہوگا۔‘‘ وہ بہت تھکے ہوئے لگ رہے تھے اور پھر محض دو ہفتوں بعد اسجد طارق اس کے سامنے پھر سے سوالی بنا کھڑا تھا۔

’’مجبور نہیں کروں گا میں تمہیں، بس اتنا کہوں گا کہ تم ہی میرا اول ہو اور تم ہی میرا آخر۔۔۔ میں نہیں جانتا کہ ایسا کب ہوا مگر مائدہ! آئی رئیلی لو یو۔۔۔ ایسا لگتا ہے اب زندگی تمہارے بغیر بے معنی اور پھیکی ہے۔ ایک قدم بھی میں تمہارے بغیر نہیں چل سکوں گا۔ تمہیں اب بھی حق حاصل ہے، چاہو تو ہاتھ تھام لو ورنہ۔۔۔‘‘ اور اس ورنہ کے آگے کوئی دھونس یا زبرستی نہیں تھی، بس التجا تھی۔

تمہیں کیا کہوں کہ کیا ہے

شب غم بری بلا ہے

ہمیں یہ بھی تھا غنیمت

جو کوئی شمار ہوتا

ہمیں کیا برا تھا مرنا

اگر ایک بار ہوتا

چاہے جانے کی تمنا اسے یہاں تک لے آئی، گھر میں رونے کے لےے کونا کھدرا نہیں ملا تو سارا غم نہر میں بہا دیا۔

’’میں اس اذیت کو نہیں بھول سکتی اسجد طارق! جو ان پانچ برسوں میں، میں نے برداشت کی ہے مگر پھر بھی میں تمہارا ساتھ دوں گی کیونکہ بی بی اور میبہ کے چہروں پر موجود خوشی اور امید کی کرنوں کو میں نہیں نوچ سکتی۔ یہی رشتے تو میرا مان ہیں، راہ کی رکاوٹ نہیں۔‘‘ افق پر پھیلتی سیاہی میں اس نے ایک مرتبہ پھر فیصلہ کرلیا تھا، صرف یہی نہیں اپنا ہر ارمان، ہر خواب، ہر آرزو اسی نہر کے پانی میں بہا آئی تھی۔ وہ جو ایک فیصلہ تھا ’’اپنی زندگی کو اپنی مرضی‘‘ سے گزارنے کا وہ کہیں کھو گیا تھا یا اس نے دانستہ گنوادیا تھا کہ بہرحال بی بی اور میبہ سے بڑھ کر اسے کوئی بھی عزیز نہ رہا تھا۔

٭٭٭

وہ آخری بار کالج جارہی تھی، اپنا ریزگنیشن دینے اور گیٹ پرکھڑے عباس کو دیکھ کر دل بھاگ جانے کو چاہ رہا تھا۔

’’کیسی ہو۔‘‘ وہی ہمیشہ کی سی دلفریب مسکراہٹ، مائدہ نے بڑی دقت سے سر ہلایا مگر نظر اٹھا کر اس کی آنکھوں میں جھانک لینے کی ہمت نہ تھی۔ پتا نہیں وہ کیا کہہ رہا تھا مائدہ سے سنا ہی نہیں گیا، وہ اپنے حوصلے مجتمع کر رہی تھی، اس شخص کی آنکھوں میں جلتی قندیلوں کو بجھا دینے کے واسطے۔ عباس نے یکدم گردن موڑ کر دیکھا۔ وہی ہمیشہ والا عام سا حلیہ، وہی آنکھیں، وہی ہونٹ اور وہی عام مگر بہت خاص سراپا۔

’’کب آیا اسجد؟‘‘ اور اب کی بار مائدہ کا سر جھٹکے سے اٹھا تھا، اتنا غیر متوقع سوال تھا اور اتنا اچانک۔۔۔ مائدہ کو اپنے سینے میں کہیں سانس کے اٹک جانے کا احساس ہوا تھا۔

’’تمہیں میبہ نے بتایا ہے۔‘‘ قیاس کو سوال میں ڈھالا گیا۔

’’نہیں۔‘‘

’’تو پھر۔۔۔ کس نے بتایا۔‘‘ اس کی آنکھوں میں استفہام سمٹ آیا اور تب فقط تب ہی عباس مصطفی نے اس کی آنکھوں میں جھانکا، وہاں فقط استفہام ہی نہیں، استعجاب بھی تھا۔ وہ ہولے سے ہنس دیا۔

’’تمہاری آنکھوں نے۔‘‘ عجیب بے بسی تھی۔ مائدہ کے اندر کوئی چیخ ابھری۔

’’ک۔۔۔کب عباس۔۔۔ تم نے کب میری آنکھوں کے رنگوں سے واقفیت حاصل کی؟‘‘

’’پتا نہیں کب مگر سب کچھ خود بہ خود ہی ہوتا چلا گیا۔‘‘ خاموش لبوں نے سرگوشی کی تھی جو کم سے کم مائدہ نہیں سن پائی تھی۔ وہ پوچھنا چاہتی تھی مگر پوچھ نہیں پائی تھی اور عباس بتانا چاہتا تھا مگر بتا نہیں پایا تھا، اس نے کبھی بھی اس کی آنکھوں کو پڑھ کر سمجھنا نہیں چاہا تھا مگر وہی نا کہ سب کچھ خود سے شروع ہو کر خود پر ختم ہوگیا تھا۔

’’میں چلتی ہوں عباس! ابھی تو اور بھی بہت سے کام کرنے ہیں۔‘‘ وہ کار بھگا لے گئی اور اگر بروقت ایسا نہ کیا ہوتا تو یقینا ہار جاتی۔ ذہن میں میبہ کے لفظ گھوم رہے تھے۔ ’’اب مجھے یقین ہوگیا ہے کہ آپ صرف میری ہی بھابھی ہیں۔‘‘ صبح جب اسجد نے اس کے ہاتھ سے چائے کا مگ لے کر ہونٹوں سے لگایا تھا تبھی میبہ نے کہا تھا وہ تب خاموش رہی تھی مگر اسجد کا قہقہہ کافی دیر تک گونجتا رہا تھا۔

تھکے ہارے ہوئے خوابوں کے ساحل

کہیں امید کا چھوٹا سا اک گھر

بستے بستے رہ گیا ہے

وہ اک گھر بھولنے میں

ابھی کچھ دن لگیں گے

مگر اب دن ہی کتنے رہ گئے ہیں

کسی دن دل کی لوح منتظر پر

اچانک رات اترے گی

میری بے نور آنکھوں کے خزانے میں چھپے

ہر خواب کی تکمیل کر دے گی

مجھے بھی خواب میں تبدیل کر دے گی

ایک ایسا خواب جس کا دیکھنا ممکن نہیں ہوگا

اک ایسا خواب جس کے دامن صد چاک میں

کوئی روشن، کوئی مبارک دن نہیں ہوگا

وہ رو کر خود کو احساس نہیں دلانا چاہتی تھی کہ عباس مصطفی اس کے لےے اہمیت رکھتا ہے اور جس نے اس کے کار بڑھا دینے کے چند لمحوں بعد بڑی بے بسی اور غصے سے ہاتھ میں پکڑا پتھر دور فضا میں کسی ان دیکھے ہیولے کو دے مارا تھا۔ تیزی سے بھاگتی نسان جھٹکے سے رکی تھی اور اس نے نہایت تھک کر کمر پشت سے ٹکا کر آنکھیں موند لی تھیں۔ آنکھوں میں چھائی دھند کو بارش بننے میں لمحہ بھی نہیں لگا تھا اور اب وہ دھند اس کی کنپٹی پر لکیر چھوڑ رہی تھی۔ ’’آئی ایم سوری عباس۔۔۔ پلیز مجھے معاف کر دینا۔‘‘ بند شیشوں میں اس کی روتی بلکتی التجا بکھری تھی۔ کسی بھی حقیقت سے نگاہ چرانا آسان نہیں ہوتا اور یہ حقیقت ہی تھی کہ عباس مصطفی اس کے لےے بے حد اہمیت رکھتا تھا۔

٭٭٭

سارا سمندر خاموش تھا، کہیں کوئی بے چین لہر نہیں تھی، کہیں کوئی اضطراب نہیں تھا، بس ایک الجھی ہوئی سی خاموشی تھی، مہیب سا سکوت تھا اور عین اس کی نگاہوں کے سامنے سورج آدھے سے زیادہ پانی میں ڈوب چکا تھا۔ آج کراچی میں اس کی سترہویں شام تھی جو رات میں ڈوب رہی تھی۔ گھر میں اس کی رخصتی کی تیاریاں شروع ہوچکی تھیں، اگر چہ اس کی کچھ ایسی ضرورت نہیں تھی مگر دنیا والوں کو بھی تو بتانا تھا کہ دیکھو جس کے انتظار میں ہماری بیٹی نے اتنا عرصہ گزارا وہ لوٹ آیا ہے، اسے پورے عزت و مان کے ساتھ اپنے ساتھ لے جانے کے لےے۔ پاپا نے خاموشی اوڑھ رکھی تھی۔ وہ جانتی تھی کہ ان کے ذہن میں بھی وہی سوال کلبلا رہا ہے۔ کیا اسجد طارق اسے عزت دے سکے گا؟ وہ شخص جو اپنے مقصد کے حصول کے لےے اسے ٹھکرا کر چلا گیا تھا، کیا اب اسے وہی مان دے سکے گا جو اس کا حق ہے۔ ہر بار جب بھی وہ پاپا کے سامنے جاتی تو وہ اسے دیکھے جاتے۔ ایسا لگتا تھا جیسے وہ کچھ کہنا چاہتے ہوں پھر عباس مصطفی جس سے اس نے کوئی عہد و پیماں نہیں کےے تھے، ان دونوں کا ساتھ بھی بے حد مختصر تھا مگرپھر بھی کہیں کوئی خلش تھی، کوئی کسک جو اسے ہر روز نئے سرے سے اپنے حصار میں لے لیتی تھی۔ بی بی نے کہا تھا۔

’’تم میری بیٹی نہیں ہو مگر یقین کرو مجھے میبہ سے بڑھ کر عزیز ہو۔ اسجد یہاں ہوتا تو بات دوسری تھی پھر میں تمہیں کہیں بھی نہ جانے دیتی مگر مائدہ! جب خوشیاں دروازے پر کھڑی ہوں تو کسی اور کے انتظار میں وقت ضائع نہیں کرتے۔ عباس بھی ان ہی خوشیوں کا حصہ ہے۔‘‘ اب ہر چیز پس منظر میں کھو گئی تھی پس منظر صرف اسجد طارق تھا اور بی بی کی خوشی۔ اسجد لوٹ آیا تھا تو پھر وہ کون سی خوشیوں کے لےے دروازے کھولتی۔ گھر آئی تو بی بی کی کال اس کی منتظر تھی۔

’’بس بہت دن رہ لیا وہاں، اب لوٹ آئو۔‘‘ چھوٹتے ہی انہوں نے حکم دیا تھا۔ وہ بھلا کیا کہتی، خاموشی سے ریسیور پاپا کو تھمادیا۔ وہ بی بی سے کچھ خاص بات کرنا چاہ رہے تھے۔

’’آپا! میں چاہ رہا تھا کہ رخصتی کی ڈیٹ طے کرلیں۔‘‘ اپنے کمرے کی طرف جاتے ہوئے اس نے پاپا کو کہتے سنا تھا اور کمرے میں پہنچنے تک اس کی آنکھیں لبالب بھر گئی تھیں۔ ’’کاش عباس مصطفی تم میری زندگی میں آئے ہی نہ ہوتے۔‘‘ اسے نہیں پتا تھا کہ وہ ایسی تمنا کیوں کر رہی ہے۔ اسے نہیں پتا تھا کہ وہ کیوںرو رہی ہے۔ وہ اسجد کی منتظر تھی تو اب یہ بے کلی کیوں ہے۔ نہ جانے وہ کتنی دیر روتی رہی تھی پھر کتنے ہی چھینٹے منہ پر مارے مگر یہ پانی بھی سکون دینے سے قاصر تھا۔ مائرہ نے اسے کھانا کھانے کے لےے پکارا مگر اس نے انکار کر دیا پھر ساری رات گزر گئی۔ صبح کو اس نے چائے کے ایک کپ سے پیٹ بھر لیا۔ عجیب خالی الذہنی سی کیفیت میں بیڈ پر لیٹی ہوئی تھی، محض سوچ کا رخ بدلنے کی غرض سے یوں ہی کوئی سی ڈی پلے کر رکھی تھی۔ فل والیوم میںجانے کون سا سنگر اپنا گلا پھاڑ رہا تھا جب دروازہ چرچرایا پھر کھٹ سے پلیئر آف ہوا۔ اتنا سکون چھایا تھا اور باہر کے سکون نے اندر ہلچل مچا دی تھی۔

’’پیا!‘‘ وہ ایک دم اٹھ بیٹھی، بند دروازے کی عین سامنے میبہ کھڑی تھی۔

’’تم کب آئیں۔‘‘ وہ اس کو گلے لگانا چاہتی تھی مگر میبہ نے اس کے ہاتھ جھٹک دےے اور مائدہ کے باقی لفظ منہ میں ہی اٹک گئے۔

’’کیا سمجھتی ہیں آپ خود کو۔۔۔ ہیں کیا آپ۔۔۔ آخر۔۔۔ آخر کیوں کر رہی ہیں آپ ایسا۔‘‘ مائدہ ہکّا بکّا اسے دیکھ رہی تھی۔

’’کک۔۔۔ کیا کیا ہے میں نے؟‘‘

’’جی ہاں، آپ کو تو کچھ خبر ہی نہیں۔‘‘ وہ تمسخر سے ہنسی۔

’’یہ کس لہجے میں بات کر رہی ہو تم۔۔۔ کیا بڑوں سے بات کرنے کی تمیز نہیں رہی۔‘‘

’’میں یہاں چھوٹوں یا بڑوں کی بحث کرنے نہیں آئی، صرف یہ پوچھنے آئی ہوں کہ آپ اسجد بھائی کے ساتھ کیوں جارہی ہیں؟‘‘ اس کے تیور بڑے جارحانہ تھے۔

’’میبہ!‘‘ وہ یہی کہہ پائی۔

’’کیا آپ بھول گئی ہیں پیا کہ وہ آپ کو ٹھکرا کر چلے گئے تھے۔ کیا آپ کی کوئی عزت نفس باقی نہیں رہی۔ پیا! ذرا سوچےے اگر اسجد بھائی آپ کی جگہ ہوتے تو کیا وہ پھر سے آپ کا ہاتھ تھام لیتے، نہیں قطعاً نہیں۔‘‘ مائدہ بھلا کیا کہتی دھپ سے بیڈ پر گر گئی۔ آنکھیں پھر سے بھر گئی تھیں۔

’’میں نے تو صرف تمہاری اور بی بی کی وجہ سے۔۔۔۔‘‘

’’میری اور بی بی کی وجہ سے۔‘‘ میبہ جیسے تھک کر اس کے قریب آبیٹھی۔

’’میں نے سچ ہی کہا تھا کہ آپ کو مجھ سے محبت نہیں ہے اور آج پتا چل گیا کہ بی بی سے بھی نہیں ہے۔‘‘

’’یوں مت کہو میبہ!‘‘ وہ روتی ہی جارہی تھی۔

’’اگر محبت ہوتی تو آپ ہمارے چہروں سے دل کا حال جان لیتیں، بالکل ویسے ہی جیسے ہم آپ کے دل کا حال جان گئے تھے۔‘‘ مائدہ نے چہرہ دونوں ہاتھوں میں چھپانا چاہا مگر میبہ نے اس کی کلائیاں تھام لیں۔

’’اسجد بھائی نے دولت کی خاطر اپنی ماں اور بہن کو چھوڑ دیا۔ آپ نے ان کی ماں بہن کے لےے اپنے ما ں باپ کو چھوڑ دیا تو۔۔۔ ‘‘ مائدہ ڈبڈباتی آنکھوں سے اسے دیکھ رہی تھی جس کے ہر انداز میں تاسف ہی تھا۔

’’تو کیا میں اور بی بی آپ کی خاطر اسجد بھائی کو نہیں چھوڑ سکتے تھے؟‘‘ وہ پوچھ رہی تھی اور مائدہ پھٹی پھٹی آنکھوں سے دیکھ رہی تھی، تب میبہ نے بڑھ کر اسے گلے لگالیا۔ وہ خود بھی رو رہی تھی۔

’’جو خوشی آپ کو عباس بھائی دے سکتے ہیں، وہ اسجد بھائی کبھی بھی نہ دے پاتے اور۔۔۔ اور ہمیں کوئی افسوس نہیں ہے انہیں چھوڑ دینے کا۔ دولت ان کے لےے ہم سے زیادہ اہم ہے تو رہیں اسی کے ساتھ، ہمیں ان سے یا ان کی دولت سے کوئی غرض نہیں ہے۔ میں اور بی بی صرف آپ سے محبت کرتے ہیں پیا! صرف آپ سے۔‘‘ اس کی سسکیاں سارے کمرے میں گونج رہی تھیں، تب مائدہ نے اپنے بازو اس کے گرد حمائل کر دےے۔ اب وہ دونوں رو رہی تھیں، حتیٰ کہ بادل چھٹ گئے اور آسمان صاف ہوگیا۔ ’’آنسوئوں کا باقی اسٹاک سنبھال کر رکھیں ابھی تو عباس بھائی کے ساتھ رخصت ہوتے ہوئے بھی رونا ہے۔‘‘ وہ مسکراتے ہوئے الگ ہوئی اور شرارت سے کہا ۔ مائدہ بھی مسکرادی پھر چہرہ صاف کرتے ہوئے بولی۔

’’اسجد کہاں ہے؟‘‘

’’وہیں لاہور میں ہی ہیں اور بی بی نے ان سے کہہ دیا ہے چاہے تو واپس جا کر کسی میرلین کی بجائے شیرلین سے شادی کرلیں پر ہم اپنی مائدہ کو اس کے ساتھ نہیں بھیجیں گے اور اب آپ کمرے سے باہر نکلیں عائشہ آنٹی بھی آئی ہیں آپ کو منگنی کی انگوٹھی پہنانے۔‘‘

’’کیا۔۔۔‘‘ وہ دنگ رہ گئی تو میبہ زور سے ہنس دی۔

’’جی جناب! سارے معاملات طے کرنے کے لےے ہی تو کل بی بی نے فون کیا تھا۔ شجاعت ماموں تو فوراً ہی مان گئے، اب اگر آپ بھی۔۔۔‘‘

’’مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے۔‘‘ اس نے بے اختیار ہی تیزی سے کہا پھر ہونٹوں پر ہاتھ رکھ لیا۔ میبہ نے اسے پھر ساتھ لپٹا لیا۔

’’مجھے پتا تھا۔‘‘ پھر کھڑی ہوتے ہوئے بولی۔ ’’اب اپنا بہترین سوٹ پہنیں، بال وال بنائیں اور باہر آجائیں۔ آخر کو نند کا سامنا کرنا ہے۔‘‘ اس کا اشارہ عائشہ کی جانب تھا، وہ مسکرا کر کھڑی ہوگئی۔

’’تم چلو، میں ابھی آتی ہوں۔‘‘ میبہ سر ہلا کر باہر کی طرف بڑھی پھر رک کر پلٹی۔

’’گھونچو مل بھی آیا ہے، وہ آپ سے برائیڈل ڈریس کا کلر پوچھے گا۔ پلیز میرون ہی کہےے گا۔‘‘ یہ اس کا پسندیدہ کلر تھا۔ مائدہ نے بڑی سعادت مندی سے سر ہلایا، وہ دروازے کی طرف جا کر پھر لوٹ آئی۔

’’وہ آپ کے پاس میرون کاٹن کا سوٹ ہے نا۔۔۔ سندھی کڑھائی والا۔۔۔ ابھی وہی پہن لیں۔‘‘

’’اچھا۔۔۔ اور کچھ۔‘‘ اس نے مسکرا کر پوچھا۔ میبہ خجل سی ہو کر پلٹ گئی۔

’’نہیں، کچھ نہیں۔‘‘ مائدہ ہنسنے لگی۔ ’’ارے ایک بات تو بتائی ہی نہیں۔‘‘ اسے دروازے تک جا کر پھر کچھ یاد آیا۔

’’اب کیا ہے؟‘‘

’’ہنستی رہا کریں پیا! بہت اچھی لگتی ہیں۔‘‘ اور اب کی بار وہ واقعی باہر نکل گئی۔ مائدہ بند دروازے کو دیکھتی رہی۔ خوشیاں ابھی بھی اس کی منتظر تھی اور وہ دیر نہیں کرنا چاہتی تھی، تبھی وارڈ روب کی طرف بڑھ گئی، میرون سوٹ بھی تو نکالنا تھا۔

٭٭٭٭٭٭

اس تحریر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں